۲-سلاطِین

کتابِ دوسرا سلاطین بائبل کے قدیم عہدنامے کا ایک اہم حصہ ہے، جو اسرائیل اور یہوداہ کے بادشاہوں کی حکمرانی، ان کی کامیابیاں اور ناکامیاں بیان کرتی ہے۔ یہ کتاب خصوصاً بادشاہ یشوع اور بادشاہ ایلیا کی کہانیوں پر مرکوز ہے، اور ان میں خدا کی طرف سے بھیجی گئی ہدایات اور ان کے اثرات کو بیان کیا گیا ہے۔ دوسرا سلاطِین میں انسان کے فیصلوں اور خدا کی مرضی کے درمیان تعلق کو اجاگر کیا گیا ہے، جہاں خدا کی رہنمائی، انصاف اور وفاداری کی اہمیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔

ایلیّاہؔ اور اخزیاہ بادشاہ
1 اور اخیاؔب کے مَرنے کے بعد موآب اِسرائیلؔ سے باغی ہو گیا۔
2 اور اخزیاؔہ اُس جِھلمِلی دار کِھڑکی میں سے جو سامرؔیہ میں اُس کے بالاخانہ میں تھی گِر پڑا اور بِیمار ہو گیا۔ سو اُس نے قاصِدوں کو بھیجا اور اُن سے یہ کہا کہ جا کر عقرُوؔن کے دیوتا بعل زبُوؔب سے پُوچھو کہ مُجھے اِس بِیماری سے شِفا ہو جائے گی یا نہیں؟ 3 لیکن خُداوند کے فرِشتہ نے ایلیّاہؔ تِشبی سے کہا اُٹھ اور شاہِ سامرؔیہ کے قاصِدوں سے مِلنے کو جا اور اُن سے کہہ کیا اِسرائیلؔ میں خُدا نہیں جو تُم عقرُوؔن کے دیوتا بعل زبُوؔب سے پُوچھنے چلے ہو؟ 4 اِس لِئے اب خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُو اُس پلنگ پر سے جِس پر تُو چڑھا ہے اُترنے نہ پائے گا بلکہ تُو ضرُور ہی مَرے گا۔
سو ایلیّاہؔ روانہ ہُؤا۔ 5 اور وہ قاصِد اُس کے پاس لَوٹ آئے۔ سو اُس نے اُن سے پُوچھا تُم لَوٹ کیوں آئے؟
6 اُنہوں نے اُس سے کہا ایک شخص ہم سے مِلنے کو آیا اور ہم سے کہنے لگا کہ اُس بادشاہ کے پاس جِس نے تُم کو بھیجا ہے پِھر جاؤ اور اُس سے کہو خُداوند یُوں فرماتا ہے کیا اِسرائیلؔ میں کوئی خُدا نہیں جو تُو عقرُوؔن کے دیوتا بعل زبُوؔب سے پُوچھنے کو بھیجتا ہے؟ اِس لِئے تُو اُس پلنگ سے جِس پر تُو چڑھا ہے اُترنے نہ پائے گا بلکہ ضرُور ہی مَرے گا۔
7 اُس نے اُن سے کہا کہ اُس شخص کی کَیسی شکل تھی جو تُم سے مِلنے کو آیا اور تُم سے یہ باتیں کہِیں؟
8 اُنہوں نے اُسے جواب دِیا کہ وہ بُہت بالوں والا آدمی تھا اور چمڑے کا کمربند اپنی کمر پر کَسے ہُوئے تھا۔
تب اُس نے کہا کہ یہ تو ایلیّاہؔ تِشبی ہے۔
9 تب بادشاہ نے پچاس سِپاہِیوں کے ایک سردار کو اُس کے پچاسوں سِپاہِیوں سمیت اُس کے پاس بھیجا۔ سو وہ اُس کے پاس گیا اور دیکھا کہ وہ ایک ٹِیلے کی چوٹی پر بَیٹھا ہے۔ اُس نے اُس سے کہا اَے مَردِ خُدا! بادشاہ نے کہا ہے تُو اُتر آ۔
10 ایلیّاہؔ نے اُس پچاس کے سردار کو جواب دِیا اگر مَیں مَردِ خُدا ہُوں تو آگ آسمان سے نازِل ہو اور تُجھے تیرے پچاسوں سمیت بھسم کر دے۔ پس آگ آسمان سے نازِل ہُوئی اور اُسے اُس کے پچاسوں سمیت بھسم کر دِیا۔
11 پِھر اُس نے دوبارہ پچاس سِپاہِیوں کے دُوسرے سردار کو اُس کے پچاسوں سِپاہِیوں سمیت اُس کے پاس بھیجا۔ اُس نے اُس سے مُخاطِب ہو کر کہا اَے مَردِ خُدا! بادشاہ نے یُوں کہا ہے کہ جلد اُتر آ۔
12 ایلیّاہؔ نے اُن کو بھی جواب دِیا کہ اگر مَیں مَردِ خُدا ہُوں تو آگ آسمان سے نازِل ہو اور تُجھے تیرے پچاسوں سمیت بھسم کر دے۔ پس خُدا کی آگ آسمان سے نازِل ہُوئی اور اُسے اُس کے پچاسوں سمیت بھسم کر دِیا۔
13 پِھر اُس نے تِیسرے پچاس سِپاہِیوں کے سردار کو اُس کے پچاسوں سِپاہِیوں سمیت بھیجا اور پچاس سِپاہِیوں کا یہ تِیسرا سردار اُوپر چڑھ کر ایلیّاہؔ کے آگے گُھٹنوں کے بل گِرا اور اُس کی مِنّت کر کے اُس سے کہنے لگا اَے مَردِ خُدا! میری جان اور اِن پچاسوں کی جانیں جو تیرے خادِم ہیں تیری نِگاہ میں گراں بہا ہوں۔ 14 دیکھ آسمان سے آگ نازِل ہُوئی اور پچاس پچاس سِپاہِیوں کے پہلے دونوں سرداروں کو اُن کے پچاسوں سمیت بھسم کر دِیا۔ سو اب میری جان تیری نظر میں گراں بہا ہو۔
15 تب خُداوند کے فرِشتہ نے ایلیّاہؔ سے کہا اُس کے ساتھ بادشاہ کے پاس نِیچے جا۔ اُس سے نہ ڈر۔ تب وہ اُٹھ کر اُس کے ساتھ نِیچے گیا۔ 16 اور اُس سے کہا خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُو نے جو عقرُوؔن کے دیوتا بعل زبُوؔب سے پُوچھنے کو لوگ بھیجے ہیں تو کیا اِس لِئے کہ اِسرائیلؔ میں کوئی خُدا نہیں ہے جِس کی مرضی کو تُو دریافت کر سکے؟ اِس لِئے تُو اُس پلنگ سے جِس پر تُو چڑھا ہے اُترنے نہ پائے گا بلکہ ضرُور ہی مَرے گا۔
17 سو وہ خُداوند کے کلام کے مُطابِق جو ایلیّاہؔ نے کہا تھا مَر گیا اور چُونکہ اُس کا کوئی بیٹا نہ تھا اِس لِئے شاہِ یہُوداؔہ یہُوراؔم بِن یہُوؔسفط کے دُوسرے سال سے یہُوراؔم اُس کی جگہ سلطنت کرنے لگا۔
18 اور اخزیاؔہ کے اَور کام جو اُس نے کِئے سو کیا وہ اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟
ایلیّاہؔ کا آسمان پر اُٹھایا جانا
1 اور جب خُداوند ایلیّاہؔ کو بگولے میں آسمان پر اُٹھا لینے کو تھا تو اَیسا ہُؤا کہ ایلیّاہؔ الِیشع کو ساتھ لے کر جِلجاؔل سے چلا۔ 2 اور ایلیّاہؔ نے الِیشع سے کہا تُو ذرا یہِیں ٹھہر جا اِس لِئے کہ خُداوند نے مُجھے بَیت اؔیل کو بھیجا ہے۔
الِیشع نے کہا خُداوند کی حیات کی قَسم اور تیری جان کی سَوگند مَیں تُجھے نہیں چھوڑُوں گا۔ سو وہ بَیت اؔیل کو چلے گئے۔
3 اور انبیا زادے جو بَیت اؔیل میں تھے الِیشع کے پاس آ کر اُس سے کہنے لگے کیا تُجھے معلُوم ہے کہ خُداوند آج تیرے سر پر سے تیرے آقا کو اُٹھا لے گا؟
اُس نے کہا ہاں مَیں جانتا ہُوں۔ تُم چُپ رہو۔
4 اور ایلیّاہؔ نے اُس سے کہا الِیشع تُو ذرا یہِیں ٹھہر جا کیونکہ خُداوند نے مُجھے یرِیحُو کو بھیجا ہے۔
اُس نے کہا خُداوند کی حیات کی قَسم اور تیری جان کی سَوگند مَیں تُجھے نہیں چھوڑُوں گا۔ سو وہ یرِیحُو میں آئے۔
5 اور انبیا زادے جو یریحُو میں تھے الِیشع کے پاس آ کر اُس سے کہنے لگے کیا تُجھے معلُوم ہے کہ خُداوند آج تیرے آقا کو تیرے سر پر سے اُٹھا لے گا؟
اُس نے کہا ہاں مَیں جانتا ہُوں۔ تُم چُپ رہو۔
6 اور ایلیّاہؔ نے اُس سے کہا تُو ذرا یہِیں ٹھہر جا کیونکہ خُداوند نے مُجھ کو یَردؔن کو بھیجا ہے۔
اُس نے کہا خُداوند کی حیات کی قَسم اور تیری جان کی سَوگند مَیں تُجھے نہیں چھوڑُوں گا۔ سو وہ دونوں آگے چلے۔ 7 اور انبیا زادوں میں سے پچاس آدمی جا کر اُن کے مُقابِل دُور کھڑے ہو گئے اور وہ دونوں یَردؔن کے کنارے کھڑے ہُوئے۔ 8 اور ایلیّاہؔ نے اپنی چادر کو لِیا اور اُسے لِپیٹ کر پانی پر مارا اور پانی دو حِصّے ہو کر اِدھر اُدھر ہو گیا اور وہ دونوں خُشک زمِین پر ہو کر پار گئے۔ 9 اور جب وہ پار ہو گئے تو ایلیّاہؔ نے الِیشع سے کہا کہ اِس سے پیشتر کہ مَیں تُجھ سے لے لِیا جاؤُں بتا کہ مَیں تیرے لِئے کیا کرُوں۔
الِیشع نے کہا مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں کہ تیری رُوح کا دُونا حِصّہ مُجھ پر ہو۔
10 اُس نے کہا تُو نے مُشکِل سوال کِیا تَو بھی اگر تُو مُجھے اپنے سے جُدا ہوتے دیکھے تو تیرے لِئے اَیسا ہی ہو گا اور اگر نہیں تو اَیسا نہ ہو گا۔
11 اور وہ آگے چلتے اور باتیں کرتے جاتے تھے کہ دیکھو ایک آتِشی رتھ اور آتشی گھوڑوں نے اُن دونوں کو جُدا کر دِیا اور ایلیّاہؔ بگولے میں آسمان پر چلا گیا۔ 12 الِیشع یہ دیکھ کر چِلاّیا اَے میرے باپ! میرے باپ! اِسرائیلؔ کے رتھ اور اُس کے سوار! اور اُس نے اُسے پِھر نہ دیکھا۔
سو اُس نے اپنے کپڑوں کو پکڑ کر پھاڑ ڈالا اور دو حِصّے کر دِیا۔ 13 اور اُس نے ایلیّاہؔ کی چادر کو بھی جو اُس پر سے گِر پڑی تھی اُٹھا لِیا اور اُلٹا پِھرا اور یَردؔن کے کنارے کھڑا ہُؤا۔ 14 اور اُس نے ایلیّاہؔ کی چادر کو جو اُس پر سے گِر پڑی تھی لے کر پانی پر مارا اور کہا کہ خُداوند ایلیّاہؔ کا خُدا کہاں ہے؟ اور جب اُس نے بھی پانی پر مارا تو وہ اِدھر اُدھر دو حِصّے ہو گیا اور الِیشع پار ہُؤا۔ 15 جب اُن انبیا زادوں نے جو یریحُو میں اُس کے مُقابِل تھے اُسے دیکھا تو کہنے لگے ایلیّاہؔ کی رُوح الِیشع پر ٹھہری ہُوئی ہے اور وہ اُس کے اِستِقبال کو آئے اور اُس کے آگے زمِین تک جُھک کر اُسے سِجدہ کِیا۔ 16 اور اُنہوں نے اُس نے کہا اب دیکھ تیرے خادِموں کے ساتھ پچاس زورآور جوان ہیں۔ ذرا اُن کو جانے دے کہ وہ تیرے آقا کو ڈُھونڈیں کہِیں اَیسا نہ ہو کہ خُداوند کی رُوح نے اُسے اُٹھا کر کِسی پہاڑ پر یا کِسی وادی میں ڈال دِیا ہو۔
اُس نے کہا مَت بھیجو۔
17 اور جب اُنہوں نے اُس سے بُہت ضِد کی یہاں تک کہ وہ شرما بھی گیا تو اُس نے کہا بھیج دو۔ اِس لِئے اُنہوں نے پچاس آدمِیوں کو بھیجا اور اُنہوں نے تِین دِن تک ڈُھونڈا پر اُسے نہ پایا۔ 18 اور وہ ہنُوز یریحُو میں ٹھہرا ہُؤا تھا جب وہ اُس کے پاس لَوٹے۔ تب اُس نے اُن سے کہا کیا مَیں نے تُم سے نہ کہا تھا کہ نہ جاؤ؟
الیشِع کے مُعجزے
19 پِھر اُس شہر کے لوگوں نے الِیشع سے کہا ذرا دیکھ یہ شہر کیا اچّھے مَوقع پر ہے جَیسا ہمارا خُداوند خُود دیکھتا ہے لیکن پانی خراب اور زمِین بنجر ہے۔
20 اُس نے کہا مُجھے ایک نیا پِیالہ لا دو اور اُس میں نمک ڈال دو۔ وہ اُسے اُس کے پاس لے آئے۔ 21 اور وہ نِکل کر پانی کے چشمہ پر گیا اور وہ نمک اُس میں ڈال کر کہنے لگا خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ مَیں نے اِس پانی کو ٹِھیک کر دِیا ہے اب آگے کو اِس سے مَوت یا بنجرپن نہ ہو گا۔ 22 سو الِیشع کے کلام کے مُطابِق جو اُس نے فرمایا وہ پانی آج تک ٹِھیک ہے۔
23 اور وہاں سے وہ بَیت اؔیل کو چلا اور جب وہ راہ میں جا رہا تھا تو اُس شہر کے چھوٹے لڑکے نِکلے اور اُسے چِڑا کر کہنے لگے چڑھا چلا جا اَے گنجے سر والے! چڑھا چلا جا اَے گنجے سر والے!
24 اور اُس نے اپنے پِیچھے نظر کی اور اُن کو دیکھا اور خُداوند کا نام لے کر اُن پر لَعنت کی۔ سو بَن میں سے دو رِیچھنِیاں نِکلِیں اور اُنہوں نے اُن میں بیالِیس بچّے پھاڑ ڈالے۔
25 وہاں سے وہ کوہِ کرمِل کو گیا اور پِھر وہاں سے سامرؔیہ کو لَوٹ آیا۔
اِسرائیل اور موآب کے درمیان جنگ
1 اور شاہِ یہُوداؔہ یہُوؔسفط کے اٹھارھویں برس سے اخیاؔب کا بیٹا یہُوراؔم سامرِؔیہ میں اِسرائیلؔ پر سلطنت کرنے لگا اور اُس نے بارہ سال سلطنت کی۔ 2 اور اُس نے خُداوند کے آگے بدی کی پر اپنے باپ اور اپنی ماں کی طرح نہیں کیونکہ اُس نے بعل کے اُس سُتُون کو جو اُس کے باپ نے بنایا تھا دُور کر دِیا۔ 3 تَو بھی وہ نباط کے بیٹے یرُبعاؔم کے گُناہوں سے جِن سے اُس نے اِسرائیلؔ سے گُناہ کرایا تھا لِپٹا رہا اور اُن سے کنارہ کشی نہ کی۔
4 اور موآب کا بادشاہ مِیسا بُہت بھیڑ بکریاں رکھتا تھا اور اِسرائیلؔ کے بادشاہ کو ایک لاکھ برّوں اور ایک لاکھ مینڈھوں کی اُون دیتا تھا۔ 5 لیکن جب اخیاؔب مَر گیا تو شاہِ موآب اِسرائیلؔ کے بادشاہ سے باغی ہو گیا۔ 6 اُس وقت یہُوراؔم بادشاہ نے سامرِؔیہ سے نِکل کر سارے اِسرائیلؔ کی مَوجُودات لی۔ 7 اور اُس نے جا کر شاہِ یہُوداؔہ یہُوؔسفط سے پُچھوا بھیجا کہ شاہِ موآب مُجھ سے باغی ہو گیا ہے سو کیا تُو موآب سے لڑنے کے لِئے میرے ساتھ چلے گا؟
اُس نے جواب دِیا کہ مَیں چلُوں گا کیونکہ جَیسا مَیں ہوں وَیسا ہی تُو ہے اور جَیسے میرے لوگ وَیسے ہی تیرے لوگ اور جَیسے میرے گھوڑے وَیسے ہی تیرے گھوڑے ہیں۔ 8 تب اُس نے پُوچھا کہ ہم کِس راہ سے جائیں؟
اُس نے جواب دِیا دشتِ ادوؔم کی راہ سے۔
9 چُنانچہ شاہِ اِسرائیلؔ اور شاہِ یہُوداؔہ اور شاہِ ادوؔم نِکلے اور اُنہوں نے سات دِن کی منزِل کا چکّر کاٹا اور اُن کے لشکر اور چَوپایوں کے لِئے جو پِیچھے پِیچھے آتے تھے کہِیں پانی نہ تھا۔ 10 اور شاہِ اِسرائیلؔ نے کہا افسوس! کہ خُداوند نے اِن تِین بادشاہوں کو اِکٹّھا کِیا ہے تاکہ اُن کو شاہِ موآب کے حوالہ کر دے۔
11 لیکن یہُوؔسفط نے کہا کیا خُداوند کے نبِیوں میں سے کوئی یہاں نہیں ہے تاکہ اُس کے وسِیلہ سے ہم خُداوند کی مرضی دریافت کریں؟
اور شاہِ اِسرائیلؔ کے خادِموں میں سے ایک نے جواب دِیا کہ الِیشع بِن سافط یہاں ہے جو ایلیّاہؔ کے ہاتھ پر پانی ڈالتا تھا۔
12 یہُوؔسفط نے کہا خُداوند کا کلام اُس کے ساتھ ہے۔ سو شاہِ اِسرائیلؔ اور یہُوؔسفط اور شاہِ ادُوؔم اُس کے پاس گئے۔
13 تب الِیشع نے شاہِ اِسرائیلؔ سے کہا مُجھ کو تُجھ سے کیا کام؟ تُو اپنے باپ کے نبیوں اور اپنی ماں کے نبِیوں کے پاس جا
پر شاہِ اِسرائیلؔ نے اُس سے کہا نہیں نہیں کیونکہ خُداوند نے اِن تِینوں بادشاہوں کو اِکٹّھا کِیا ہے تاکہ اُن کو موآب کے حوالہ کر دے۔
14 الِیشع نے کہا ربُّ الافواج کی حیات کی قَسم جِس کے آگے مَیں کھڑا ہُوں اگر مُجھے شاہِ یہُوداؔہ یہُوؔسفط کی حضُوری کا پاس نہ ہوتا تو مَیں تیری طرف نظر بھی نہ کرتا اور نہ تُجھے دیکھتا۔ 15 لیکن خَیر! کِسی بجانے والے کو میرے پاس لاؤ اور اَیسا ہُؤا کہ
جب اُس بجانے والے نے بجایا تو خُداوند کا ہاتھ اُس پر ٹھہرا۔ 16 پس اُس نے کہا خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اِس وادی میں خندق ہی خندق کھود ڈالو۔ 17 کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُم نہ ہوا آتی دیکھو گے اور نہ مِینہ دیکھو گے تَو بھی یہ وادی پانی سے بھر جائے گی اور تُم بھی پِیو گے اور تُمہاری مواشی اور تُمہارے چَوپائے بھی۔ 18 اور یہ خُداوند کے لِئے ایک ہلکی سی بات ہے۔ وہ موآبِیوں کو بھی تُمہارے ہاتھ میں کر دے گا۔ 19 اور تُم ہر فصِیل دار شہر اور عُمدہ شہر مار لو گے اور ہر اچّھے درخت کو کاٹ ڈالو گے اور پانی کے سب چشموں کو بھر دو گے اور ہر اچّھے کھیت کو پتّھروں سے خراب کر دو گے۔
20 سو صُبح کو قُربانی چڑھانے کے وقت اَیسا ہُؤا کہ ادوؔم کی راہ سے پانی بہتا آیا اور وہ مُلک پانی سے بھر گیا۔
21 جب سب موآبِیوں نے یہ سُنا کہ بادشاہوں نے اُن سے لڑنے کو چڑھائی کی ہے تو وہ سب جو ہتھیار باندھنے کے قابِل تھے اور زِیادہ عُمر کے بھی اِکٹّھے ہو کر سرحد پر کھڑے ہو گئے۔ 22 اور وہ صُبح سویرے اُٹھے اور سُورج پانی پر چمک رہا تھا اور موآبِیوں کو وہ پانی جو اُن کے مُقابِل تھا خُون کی مانِند سُرخ دِکھائی دِیا۔ 23 سو وہ کہنے لگے یہ تو خُون ہے۔ وہ بادشاہ یقِیناً ہلاک ہو گئے ہیں اور اُنہوں نے آپس میں ایک دُوسرے کو مار دِیا ہے۔ سو اب اَے موآب لُوٹ کو چل۔
24 اور جب وہ اِسرائیلؔ کی لشکر گاہ میں آئے تو اِسرائیلِیوں نے اُٹھ کر موآبِیوں کو اَیسا مارا کہ وہ اُن کے آگے سے بھاگے پر وہ آگے بڑھ کر موآبِیوں کو مارتے مارتے اُن کے مُلک میں گُھس گئے۔ 25 اور اُنہوں نے شہروں کو مِسمار کِیا اور زمِین کے ہر اچّھے قطعہ پر سبھوں نے ایک ایک پتّھر ڈال کر اُسے بھر دِیا اور اُنہوں نے پانی کے سب چشمے بند کر دِئے اور سب اچّھے درخت کاٹ ڈالے۔ فقط قِیر حراؔست ہی کے پتّھروں کو باقی چھوڑا پر گوپیا چلانے والوں نے اُس کو بھی جا گھیرا اور اُسے مارا۔
26 جب شاہِ موآؔب نے دیکھا کہ جنگ اُس کے لِئے نِہایت سخت ہو گئی تو اُس نے سات سَو شمشیرزن مرد اپنے ساتھ لِئے تاکہ صف چِیر کر شاہِ ادُوؔم تک جا پڑیں پر وہ اَیسا نہ کر سکے۔ 27 تب اُس نے اپنے پہلوٹھے بیٹے کو لِیا جو اُس کی جگہ بادشاہ ہوتا اور اُسے دِیوار پر سوختنی قُربانی کے طَور پر گُذرانا۔ یُوں اِسرائیلؔ پر قہرِ شدِید ہُؤا۔ سو وہ اُس کے پاس سے ہٹ گئے اور اپنے مُلک کو لَوٹ آئے۔
الیشِع ایک غریب بیوہ کی مدد کرتا ہے
1 اور انبیا زادوں کی بِیویوں میں سے ایک عَورت نے الِیشع سے فریاد کی اور کہنے لگی کہ تیرا خادِم میرا شَوہر مَر گیا ہے اور تُو جانتا ہے کہ تیرا خادِم خُداوند سے ڈرتا تھا۔ سو اب قرض خواہ آیا ہے کہ میرے دونوں بیٹوں کو لے جائے تاکہ وہ غُلام بنیں۔
2 الِیشع نے اُس سے کہا مَیں تیرے لِئے کیا کرُوں؟ مُجھے بتا تیرے پاس گھر میں کیا ہے؟
اُس نے کہا کہ تیری لَونڈی کے پاس گھر میں ایک پِیالہ تیل کے سِوا کُچھ نہیں۔
3 تب اُس نے کہا تُو جا اور باہر سے اپنے سب ہمسایوں سے برتن عارِیت لے۔ وہ برتن خالی ہوں اور تھوڑے برتن نہ لینا۔ 4 پِھر تُو اپنے بیٹوں کو ساتھ لے کر اندر جانا اور پِیچھے سے دروازہ بند کر لینا اور اُن سب برتنوں میں تیل اُنڈیلنا اور جو بھر جائے اُسے اُٹھا کر الگ رکھنا۔
5 سو وہ اُس کے پاس سے گئی اور اُس نے اپنے بیٹوں کو اندر ساتھ لے کر دروازہ بند کر لِیا اور وہ اُس کے پاس لاتے جاتے تھے اور وہ اُنڈیلتی جاتی تھی۔ 6 جب وہ برتن بھر گئے تو اُس نے اپنے بیٹے سے کہا میرے پاس ایک اَور برتن لا۔ اُس نے اُس سے کہا اَور تو کوئی برتن رہا نہیں۔ تب تیل مَوقُوف ہو گیا۔ 7 تب اُس نے آ کر مَردِ خُدا کو بتایا۔ اُس نے کہا جا تیل بیچ اور قرض ادا کر اور جو باقی رہے اُس سے تُو اور تیرے فرزند گُذران کریں۔
الیشِع اور شُونِیم کی ایک مال دار بیوہ
8 اور ایک روز اَیسا ہُؤا کہ الِیشع شُونِیم کو گیا۔ وہاں ایک دَولت مند عَورت تھی اور اُس نے اُسے روٹی کھانے پر مجبُور کِیا۔ پِھر تو جب کبھی وہ اُدھر سے گُذرتا روٹی کھانے کے لِئے وہِیں چلا جاتا تھا۔ 9 سو اُس نے اپنے شَوہر سے کہا دیکھ مُجھے معلُوم ہوتا ہے کہ یہ مَردِ خُدا جو اکثر ہماری طرف آتا ہے مُقدّس ہے۔ 10 ہم اُس کے لِئے ایک چھوٹی سی کوٹھری دِیوار پر بنا دیں اور اُس کے لِئے ایک پلنگ اور میز اور چَوکی اور شمعدان لگا دیں۔ پِھر جب کبھی وہ ہمارے پاس آئے تو وہِیں ٹھہرے گا۔
11 سو ایک دِن اَیسا ہُؤا کہ وہ اُدھر گیا اور اُس کوٹھری میں جا کر وہِیں سویا۔ 12 پِھر اُس نے اپنے خادِم جیحازؔی سے کہا کہ اِس شُونِیمی عَورت کو بُلا لے۔ اُس نے اُسے بُلا لِیا اور وہ اُس کے سامنے کھڑی ہُوئی۔ 13 پِھر اُس نے اپنے خادِم سے کہا تُو اُس سے پُوچھ کہ تُو نے جو ہمارے لِئے اِس قدر فِکریں کِیں تو تیرے لِئے کیا کِیا جائے؟ کیا تُو چاہتی ہے کہ بادشاہ سے یا فَوج کے سردار سے تیری سِفارِش کی جائے؟
اُس نے جواب دِیا مَیں تو اپنے ہی لوگوں میں رہتی ہُوں۔
14 پِھر اُس نے کہا اُس کے لِئے کیا کِیا جائے؟
تب جیحازؔی نے جواب دِیا کہ واقِعی اُس کے کوئی فرزند نہیں اور اُس کا شَوہر بُڈھّا ہے۔
15 تب اُس نے کہا اُسے بُلا لے اور جب اُس نے اُسے بُلایا تو وہ دروازہ پر کھڑی ہُوئی۔ 16 تب اُس نے کہا مَوسم بہار میں وقت پُورا ہونے پر تیری گود میں بیٹا ہو گا۔
اُس نے کہا نہیں اَے میرے مالِک اَے مَردِ خُدا اپنی لَونڈی سے جُھوٹ نہ کہہ۔
17 سو وہ عَورت حامِلہ ہُوئی اور جَیسا الِیشع نے اُس سے کہا تھا مَوسمِ بہار میں وقت پُورا ہونے پر اُس کے بیٹا ہُؤا۔
18 اور جب وہ لڑکا بڑھا تو ایک دِن اَیسا ہُؤا کہ وہ اپنے باپ کے پاس کھیت کاٹنے والوں میں چلا گیا۔ 19 اور اُس نے اپنے باپ سے کہا ہائے میرا سر! ہائے میرا سر!
اُس نے اپنے خادِم سے کہا اُسے اُس کی ماں کے پاس لے جا۔ 20 جب اُس نے اُسے لے کر اُس کی ماں کے پاس پُہنچا دِیا تو وہ اُس کے گُھٹنوں پر دوپہر تک بَیٹھا رہا۔ اِس کے بعد مَر گیا۔ 21 تب اُس کی ماں نے اُوپر جا کر اُسے مردِ خُدا کے پلنگ پر لِٹا دِیا اور دروازہ بند کر کے باہر گئی۔ 22 اور اُس نے اپنے شَوہر سے پُکار کر کہا کہ جلد جوانوں میں سے ایک کو اور گدھوں میں سے ایک کو میرے لِئے بھیج دے تاکہ مَیں مَردِ خُدا کے پاس دَوڑ جاؤُں اور پِھر لَوٹ آؤُں۔
23 اُس نے کہا آج تُو اُس کے پاس کیوں جانا چاہتی ہے؟ آج نہ تو نیا چاند ہے نہ سبت۔
اُس نے جواب دِیا کہ اچّھا ہی ہو گا۔ 24 اور اُس نے گدھے پر زِین کَس کر اپنے خادِم سے کہا ہانک۔ آگے بڑھ اور سواری چلانے میں ڈِھیل نہ ڈال جب تک مَیں تُجھ سے نہ کہُوں۔ 25 سو وہ چلی اور کوہِ کرمِل کو مَردِ خُدا کے پاس گئی۔
اُس مَردِ خُدا نے دُور سے اُسے دیکھ کر اپنے خاِدم جیحازؔی سے کہا دیکھ اُدھر وہ شُونِیمی عَورت ہے۔ 26 اب ذرا اُس کے اِستِقبال کو دَوڑ جا اور اُس سے پُوچھ کیا تُو خَیرِیت سے ہے؟ تیرا شَوہر خَیرِیت سے؟ بچّہ خَیرِیت سے ہے؟
اُس نے جواب دِیا خَیرِیت ہے۔ 27 اور جب وہ اُس پہاڑ پر مَردِ خُدا کے پاس آئی تو اُس کے پاؤں پکڑ لِئے اور جیحازؔی اُسے ہٹانے کے لِئے نزدِیک آیا پر مَردِ خُدا نے کہا کہ اُسے چھوڑ دے کیونکہ اُس کا جی پریشان ہے اور خُداوند نے یہ بات مُجھ سے چِھپائی اور مُجھے نہ بتائی۔
28 اور وہ کہنے لگی کیا مَیں نے اپنے مالِک سے بیٹے کا سوال کِیا تھا؟ کیا مَیں نے نہ کہا تھا کہ مُجھے دھوکا نہ دے؟
29 تب اُس نے جیحازؔی سے کہا کمر باندھ اور میرا عصا ہاتھ میں لے کر اپنی راہ لے۔ اگر کوئی تُجھے راہ میں مِلے تو اُسے سلام نہ کرنا اور اگر کوئی تُجھے سلام کرے تو جواب نہ دینا اور میرا عصا اُس لڑکے کے مُنہ پر رکھ دینا۔
30 اُس لڑکے کی ماں نے کہا خُداوند کی حیات کی قَسم اور تیری جان کی سَوگند مَیں تُجھے نہیں چھوڑُوں گی۔ تب وہ اُٹھ کر اُس کے پِیچھے پِیچھے چلا۔ 31 اور جیحازؔی نے اُن سے پہلے آ کر عصا کو اُس لڑکے کے مُنہ پر رکھّا پر نہ تو کُچھ آواز ہُوئی نہ سُننا۔ اِس لِئے وہ اُس سے مِلنے کو لَوٹا اور اُسے بتایا کہ لڑکا نہیں جاگا۔
32 جب الِیشع اُس گھر میں آیا تو دیکھو وہ لڑکا مَرا ہُؤا اُس کے پلنگ پر پڑا تھا۔ 33 سو وہ اکیلا اندر گیا اور دروازہ بند کر کے خُداوند سے دُعا کی۔ 34 اور اُوپر چڑھ کر اُس بچّے پر لیٹ گیا اور اُس کے مُنہ پر اپنا مُنہ اور اُس کی آنکھوں پر اپنی آنکھیں اور اُس کے ہاتھوں پر اپنے ہاتھ رکھ لِئے اور اُس کے اُوپر پسر گیا۔ تب اُس بچّے کا جِسم گرم ہونے لگا۔ 35 پِھر وہ اُٹھ کر اُس گھر میں ایک بار ٹہلا اور اُوپر چڑھ کر اُس بچّے کے اُوپر پسر گیا اور وہ بچّہ سات بار چِھینکا اور بچّے نے آنکھیں کھول دِیں۔ 36 تب اُس نے جیحازؔی کو بُلا کر کہا اُس شُونِیمی عَورت کو بُلا لے۔ سو اُس نے اُسے بُلایا اور جب وہ اُس کے پاس آئی تو اُس نے اُس سے کہا اپنے بیٹے کو اُٹھا لے۔ 37 تب وہ اندر جا کر اُس کے قدموں پر گِری اور زمِین پر سرنگُون ہو گئی۔ پِھر اپنے بیٹے کو اُٹھا کر باہر چلی گئی۔
دو اور مُعجزے
38 اور الِیشع پِھر جِلجاؔل میں آیا اور مُلک میں کال تھا اور انبیا زادے اُس کے حضُور بَیٹھے ہُوئے تھے اور اُس نے اپنے خادِم سے کہا بڑی دیگ چڑھا دے اور اِن انبیا زادوں کے لِئے لپسی پکا۔ 39 اور اُن میں سے ایک کھیت میں گیا کہ کُچھ ترکاری چُن لائے۔ سو اُسے کوئی جنگلی لتا مِل گئی۔ اُس نے اُس میں سے اندراین توڑ کر دامن بھر لِیا اور لَوٹا اور اُن کو کاٹ کر لپسی کی دیگ میں ڈال دِیا کیونکہ وہ اُن کو پہچانتے نہ تھے۔ 40 چُنانچہ اُنہوں نے اُن مَردوں کے کھانے کے لِئے اُس میں سے اُنڈیلا اور اَیسا ہُؤا کہ جب وہ اُس لپسی میں سے کھانے لگے تو چِلاّ اُٹھے اور کہا اَے مَردِ خُدا دیگ میں مَوت ہے اور وہ اُس میں سے کھا نہ سکے۔ 41 لیکن اُس نے کہا کہ آٹا لاؤ اور اُس نے اُسے دیگ میں ڈال دِیا اور کہا کہ اُن لوگوں کے لِئے اُنڈیلو تاکہ وہ کھائیں۔ سو دیگ میں کوئی مُضِر چِیز باقی نہ رہی۔
42 اور بعل سلِیسہ سے ایک شخص آیا اور پہلے پَھلوں کی روٹِیاں یعنی جَو کے بِیس گِردے اور اناج کی ہری ہری بالیں مَردِ خُدا کے پاس لایا۔ اُس نے کہا اِن لوگوں کو دیدے تاکہ وہ کھائیں۔ 43 اُس کے خادِم نے کہا کیا مَیں اِتنے ہی کو سَو آدمِیوں کے سامنے رکھ دُوں؟
سو اُس نے پِھر کہا کہ لوگوں کو دیدے تاکہ وہ کھائیں کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ وہ کھائیں گے اور اُس میں سے کُچھ چھوڑ بھی دیں گے۔ 44 پس اُس نے اُسے اُن کے آگے رکھّا اور اُنہوں نے کھایا اور جَیسا خُداوند نے فرمایا تھا اُس میں سے کُچھ چھوڑ بھی دِیا۔
نعمان کوڑھی کو شِفا مِلتی ہے
1 اور شاہِ اراؔم کے لشکر کا سردار نعماؔن اپنے آقا کے نزدِیک مُعزّز و مُکرّم شخص تھا کیونکہ خُداوند نے اُس کے وسِیلہ سے اراؔم کو فتح بخشی تھی۔ وہ زبردست سُورما بھی تھا لیکن کوڑھی تھا۔ 2 اور ارامی دَل باندھ کر نِکلے تھے اور اِسرائیلؔ کے مُلک میں سے ایک چھوٹی لڑکی کو اسِیر کر کے لے آئے تھے۔ وہ نعماؔن کی بِیوی کی خِدمت کرتی تھی۔ 3 اُس نے اپنی بی بی سے کہا کاش میرا آقا اُس نبی کے ہاں ہوتا جو سامرِؔیہ میں ہے تو وہ اُسے اُس کے کوڑھ سے شِفا دے دیتا۔ 4 سو کِسی نے اندر جا کر اپنے مالِک سے کہا وہ چھوکری جو اِسرائیلؔ کے مُلک کی ہے اَیسا اَیسا کہتی ہے۔ 5 سو اراؔم کے بادشاہ نے کہا تُو جا اور مَیں شاہِ اِسرائیلؔ کو خط بھیجُوں گا۔
سو وہ روانہ ہُؤا اور دس قِنطار چاندی اور چھ ہزار مِثقال سونا اور دس جوڑے کپڑے اپنے ساتھ لے لِئے۔ 6 اور وہ اُس خط کو شاہِ اِسرائیلؔ کے پاس لایا جِس کا مضمُون یہ تھا کہ یہ نامہ جب تُجھ کو مِلے تو جان لینا کہ مَیں نے اپنے خادِم نعماؔن کو تیرے پاس بھیجا ہے تاکہ تُو اُس کے کوڑھ سے اُسے شِفا دے۔
7 جب شاہِ اِسرائیلؔ نے اُس خط کر پڑھا تو اپنے کپڑے پھاڑ کر کہا کیا مَیں خُدا ہُوں کہ مارُوں اور جِلاؤُں جو یہ شخص ایک آدمی کو میرے پاس بھیجتا ہے کہ اُس کو کوڑھ سے شِفا دُوں؟ سو اب ذرا غَور کرو۔ دیکھو کہ وہ کِس طرح مُجھ سے جھگڑنے کا بہانہ ڈُھونڈتا ہے۔
8 جب مَردِ خُدا الِیشع نے سُنا کہ شاہِ اِسرائیلؔ نے اپنے کپڑے پھاڑے تو بادشاہ کو کہلا بھیجا تُو نے اپنے کپڑے کیوں پھاڑے؟ اب اُسے میرے پاس آنے دے اور وہ جان لے گا کہ اِسرائیلؔ میں ایک نبی ہے۔
9 سو نعماؔن اپنے گھوڑوں اور رتھوں سمیت آیا اور الِیشع کے گھر کے دروازہ پر کھڑا ہُؤا۔ 10 اور الِیشع نے ایک قاصِد کی معرفت کہلا بھیجا جا اور یَردؔن میں سات بار غوطہ مار تو تیرا جِسم پِھر بحال ہو جائے گا اور تُو پاک صاف ہو گا۔ 11 پر نعماؔن ناراض ہو کر چلا گیا اور کہنے لگا مُجھے گُمان تھا کہ وہ نِکل کر ضرُور میرے پاس آئے گا اور کھڑا ہو کر خُداوند اپنے خُدا سے دُعا کرے گا اور اُس جگہ کے اُوپر اپنا ہاتھ اِدھر اُدھر ہِلا کر کوڑھی کو شِفا دے گا۔ 12 کیا دمشق کے دریا ابانہ اور فرفر اِسرائیلؔ کی سب ندیوں سے بڑھ کر نہیں ہیں؟ کیا مَیں اُن میں نہا کر پاک صاف نہیں ہو سکتا؟ سو وہ مُڑا اور بڑے قہر میں چلا گیا۔
13 تب اُس کے مُلازِم پاس آ کر اُس سے یُوں کہنے لگے اَے ہمارے باپ اگر وہ نبی کوئی بڑا کام کرنے کا حُکم تُجھے دیتا تو کیا تُو اُسے نہ کرتا۔ پس جب وہ تُجھ سے کہتا ہے کہ نہا لے اور پاک صاف ہو جا تو کِتنا زِیادہ اِسے ماننا چاہِئے؟ 14 تب اُس نے اُتر کر مَردِ خُدا کے کہنے کے مُطابِق یَردؔن میں سات غوطے مارے اور اُس کا جِسم چھوٹے بچّے کے جِسم کی مانِند ہو گیا اور وہ پاک صاف ہُؤا۔ 15 پِھر وہ اپنی جلَو کے سب لوگوں سمیت مَردِ خُدا کے پاس لَوٹا اور اُس کے سامنے کھڑا ہُؤا اور کہنے لگا کہ دیکھ اب مَیں نے جان لِیا کہ اِسرائیلؔ کو چھوڑ اَور کہِیں رُویِ زمِین پر کوئی خُدا نہیں۔ اِس لِئے اب کرم فرما کر اپنے خادِم کا ہدیہ قبُول کر۔
16 لیکن اُس نے جواب دِیا خُداوند کی حیات کی قَسم جِس کے آگے مَیں کھڑا ہُوں مَیں کُچھ نہیں لُوں گا اور
اُس نے اُس سے بُہت اِصرار کِیا کہ لے پر اُس نے اِنکار کِیا۔ 17 تب نعماؔن نے کہا اچّھا تو مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں کہ تیرے خادِم کو دو خچّروں کا بوجھ مِٹّی دی جائے کیونکہ تیرا خادِم اب سے آگے کو خُداوند کے سِوا کِسی غَیر معبُود کے حضُور نہ تو سوختنی قُربانی نہ ذبِیحہ چڑھائے گا۔ 18 پر اِتنی بات میں خُداوند تیرے خادِم کو مُعاف کرے کہ جب میرا آقا پرستِش کرنے کو رِمّوؔن کے مندِر میں جائے اور وہ میرے ہاتھ پر تکیہ کرے اور مَیں رِمّوؔن کے مندِر میں سرنگُون ہوؤُں تو جب مَیں رِمّوؔن کے مندِر میں سرنگُون ہوؤُں تو خُداوند اِس بات میں تیرے خادِم کو مُعاف کرے۔
19 اُس نے اُس سے کہا سلامت جا۔
سو وہ اُس سے رُخصت ہو کر تھوڑی دُور نِکل گیا۔ 20 لیکن اُس مردِ خُدا الِیشع کے خادِم جیحازؔی نے سوچا کہ میرے آقا نے ارامی نعماؔن کو یُوں ہی جانے دِیا کہ جو کُچھ وہ لایا تھا اُس سے نہ لِیا سو خُداوند کی حیات کی قَسم مَیں اُس کے پِیچھے دَوڑ جاؤُنگا اور اُس سے کُچھ نہ کُچھ لُوں گا۔ 21 سو جیحازؔی نعماؔن کے پِیچھے چلا۔ جب نعماؔن نے دیکھا کہ کوئی اُس کے پِیچھے دَوڑا آ رہا ہے تو وہ اُس سے مِلنے کو رتھ پر سے اُترا اور کہا خَیر تو ہے؟
22 اُس نے کہا سب خَیر ہے۔ میرے مالِک نے مُجھے یہ کہنے کو بھیجا ہے کہ دیکھ انبیا زادوں میں سے ابھی دو جوان اِفرائِیم کے کوہستانی مُلک سے میرے پاس آ گئے ہیں سو ذرا ایک قِنطار چاندی اور دو جوڑے کپڑے اُن کے لِئے دیدے۔
23 نعماؔن نے کہا خُوشی سے دو قِنطار لے اور وہ اُس سے بجِّد ہُؤا اور اُس نے دو قِنطار چاندی دو تَھیلِیوں میں باندھی اور دو جوڑے کپڑوں سمیت اُن کو اپنے دو نَوکروں پر لادا اور وہ اُن کو لے کر اُس کے آگے آگے چلے۔ 24 اور اُس نے ٹِیلے پر پُہنچ کر اُن کے ہاتھ سے اُن کو لے لِیا اور گھر میں رکھ دِیا اور اُن مَردوں کو رُخصت کِیا۔ سو وہ چلے گئے۔ 25 لیکن آپ اندر جا کر اپنے آقا کے حضُور کھڑا ہو گیا۔ الِیشع نے اُس سے کہا جیحازؔی تُو کہاں سے آ رہا ہے؟
اُس نے کہا تیرا خادِم تو کہِیں نہیں گیا تھا۔
26 اُس نے اُس سے کہا کیا میرا دِل اُس وقت تیرے ساتھ نہ تھا جب وہ شخص تُجھ سے مِلنے کو اپنے رتھ پر سے لَوٹا؟ کیا رُوپَے لینے اور پوشاک اور زَیتُون کے باغوں اور تاکِستانوں اور بھیڑوں اور بَیلوں اور غُلاموں اور لَونڈِیوں کے لینے کا یہ وقت ہے؟ 27 اِس لِئے نعماؔن کا کوڑھ تُجھے اور تیری نسل کو سدا لگا رہے گا۔
سو وہ برف سا سفید کوڑھی ہو کر اُس کے سامنے سے چلا گیا۔
کلہاڑی کے لوہے کی بازیابی
1 اور انبیا زادوں نے الِیشع سے کہا دیکھ! یہ جگہ جہاں ہم تیرے سامنے رہتے ہیں ہمارے لِئے تنگ ہے۔ 2 سو ہم کو ذرا یَردؔن کو جانے دے کہ ہم وہاں سے ایک ایک کڑی لیں اور وہِیں کوئی جگہ بنائیں جہاں ہم رہ سکیں۔
اُس نے جواب دِیا جاؤ۔
3 تب ایک نے کہا مِہربانی سے اپنے خادِموں کے ساتھ چل۔ اُس نے کہا مَیں چلُوں گا۔ 4 چُنانچہ وہ اُن کے ساتھ گیا اور جب وہ یَردؔن پر پُہنچے تو لکڑی کاٹنے لگے۔ 5 لیکن ایک کی کُلہاڑی کا لوہا جب وہ کڑی کاٹ رہا تھا پانی میں گِر گیا۔ سو وہ چِلاّ اُٹھا اور کہنے لگا ہائے میرے مالِک یہ تو مانگا ہُؤا تھا!
6 مردِ خُدا نے کہا وہ کِس جگہ گِرا؟
اُس نے اُسے وہ جگہ دِکھائی۔ تب اُس نے ایک چھڑی کاٹ کر اُس جگہ ڈال دی اور لوہا تَیرنے لگا۔ 7 پِھر اُس نے کہا اپنے لِئے اُٹھا لے۔ سو اُس نے ہاتھ بڑھا کر اُسے اُٹھا لِیا۔
ارامی لشکر کی شِکست
8 اور شاہِ اراؔم شاہِ اِسرائیلؔ سے لڑ رہا تھا اور اُس نے اپنے خادِموں سے مشوَرت لی اور کہا کہ مَیں فُلاں فُلاں جگہ ڈیرہ ڈالُوں گا۔ 9 سو مَردِ خُدا نے شاہِ اِسرائیلؔ کو کہلا بھیجا خبردار تُو فُلاں جگہ سے مت گُذرنا کیونکہ وہاں ارامی آنے کو ہیں۔ 10 اور شاہِ اِسرائیلؔ نے اُس جگہ جِس کی خبر مَردِ خُدا نے دی تھی اور اُس کو آگاہ کر دِیا تھا آدمی بھیجے اور وہاں سے اپنے کو بچایا اور یہ فقط ایک یا دو بار ہی نہیں۔
11 اِس بات کے سبب سے شاہِ اراؔم کا دِل نِہایت بے چَین ہُؤا اور اُس نے اپنے خادِموں کو بُلا کر اُن سے کہا کیا تُم مُجھے نہیں بتاؤ گے کہ ہم میں سے کَون شاہِ اِسرائیلؔ کی طرف ہے؟
12 تب اُس کے خادِموں میں سے ایک نے کہا نہیں اَے میرے مالِک! اَے بادشاہ! بلکہ الِیشع جو اِسرائیلؔ میں نبی ہے تیری اُن باتوں کو جو تُو اپنی خلوَت گاہ میں کہتا ہے شاہِ اِسرائیلؔ کو بتا دیتا ہے۔
13 اُس نے کہا جا کر دیکھو وہ کہاں ہے تاکہ مَیں اُسے پکڑوا منگاؤُں
اور اُسے یہ بتایا گیا کہ وہ دوتین میں ہے۔ 14 تب اُس نے وہاں گھوڑوں اور رتھوں اور ایک بڑے لشکر کو روانہ کِیا۔ سو اُنہوں نے راتوں رات آ کر اُس شہر کو گھیر لِیا۔ 15 اور جب اُس مَردِ خُدا کا خادِم صُبح کو اُٹھ کر باہر نِکلا تو دیکھا کہ ایک لشکر مع گھوڑوں اور رتھوں کے شہر کے چَوگِرد ہے۔ سو اُس خادِم نے جا کر اُس سے کہا ہائے اَے میرے مالِک! ہم کیا کریں؟
16 اُس نے جواب دِیا خَوف نہ کر کیونکہ ہمارے ساتھ والے اُن کے ساتھ والوں سے زِیادہ ہیں۔ 17 اور الِیشع نے دُعا کی اور کہا اَے خُداوند اُس کی آنکھیں کھول دے تاکہ وہ دیکھ سکے۔ تب خُداوند نے اُس جوان کی آنکھیں کھول دِیں اور اُس نے جو نِگاہ کی تو دیکھا کہ الِیشع کے گِرداگِرد کا پہاڑ آتشی گھوڑوں اور رتھوں سے بھرا ہے۔
18 اور جب وہ اُس کی طرف آنے لگے تو الِیشع نے خُداوند سے دُعا کی اور کہا مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں اِن لوگوں کو اندھا کر دے سو اُس نے جَیسا الِیشع نے کہا تھا اُن کو اندھا کر دِیا۔ 19 پِھر الِیشع نے اُن سے کہا یہ وہ راستہ نہیں اور نہ یہ وہ شہر ہے۔ تُم میرے پِیچھے چلے آؤ اور مَیں تُم کو اُس شخص کے پاس پُہنچا دُوں گا جِس کی تُم تلاش کرتے ہو اور وہ اُن کو سامرؔیہ کو لے گیا۔
20 اور جب وہ سامرِؔیہ میں پُہنچے تو الِیشع نے کہا اَے خُداوند اِن لوگوں کی آنکھیں کھول دے تاکہ وہ دیکھ سکیں۔ تب خُداوند نے اُن کی آنکھیں کھول دِیں اور اُنہوں نے جو نِگاہ کی تو کیا دیکھا کہ سامرِؔیہ کے اندر ہیں۔
21 اور شاہِ اِسرائیلؔ نے اُن کو دیکھ کر الِیشع سے کہا اَے میرے باپ کیا مَیں اُن کو مار لُوں؟ مَیں اُن کو مار لُوں؟
22 اُس نے جواب دِیا تُو اُن کو نہ مار۔ کیا تُو اُن کو مار دِیا کرتا ہے جِن کو تُو اپنی تلوار اور کمان سے اسِیر کر لیتا ہے؟ تُو اُن کے آگے روٹی اور پانی رکھ تاکہ وہ کھائیں پِئیں اور اپنے آقا کے پاس جائیں۔ 23 سو اُس نے اُن کے لِئے بُہت سا کھانا تیّار کِیا اور جب وہ کھا پی چُکے تو اُس نے اُن کو رُخصت کِیا اور وہ اپنے آقا کے پاس چلے گئے اور اراؔم کے جتھے اِسرائیلؔ کے مُلک میں پِھر نہ آئے۔
سامرِیہ کا محاصرہ
24 اِس کے بعد اَیسا ہُؤا کہ بِن ہدد شاہِ اراؔم اپنی سب فَوج اِکٹّھی کر کے چڑھ آیا اور سامرِؔیہ کا مُحاصرہ کر لِیا۔ 25 اور سامرِؔیہ میں بڑا کال تھا اور وہ اُسے گھیرے رہے یہاں تک کہ گدھے کا سر چاندی کے اسّی سِکّوں میں اور کبُوتر کی بِیٹ کا ایک چَوتھائی پَیمانہ چاندی کے پانچ سِکّوں میں بکنے لگا۔
26 اور جب شاہِ اِسرائیلؔ دِیوار پر جا رہا تھا تو ایک عَورت نے اُس کی دُہائی دی اور کہا اَے میرے مالِک اَے بادشاہ مدد کر!
27 اُس نے کہا کہ اگر خُداوند ہی تیری مدد نہ کرے تو مَیں کہاں سے تیری مدد کرُوں؟ کیا کھلِیہان سے یا انگُور کے کولُھو سے؟ 28 پِھر بادشاہ نے اُس سے کہا تُجھے کیا ہُؤا؟
اُس نے جواب دِیا اِس عَورت نے مُجھ سے کہا کہ اپنا بیٹا دے دے تاکہ ہم آج کے دِن اُسے کھائیں اور میرا بیٹا جو ہے سو اُسے ہم کل کھائیں گے۔ 29 سو میرے بیٹے کو ہم نے پکایا اور اُسے کھا لِیا اور دُوسرے دِن مَیں نے اُس سے کہا اپنا بیٹا لا تاکہ ہم اُسے کھائیں لیکن اُس نے اپنا بیٹا چِھپا دِیا ہے۔
30 بادشاہ نے اُس عَورت کی باتیں سُن کر اپنے کپڑے پھاڑے۔ اُس وقت وہ دِیوار پر چلا جاتا تھا اور لوگوں نے دیکھا کہ اندروار اُس کے تن پر ٹاٹ ہے۔ 31 اور اُس نے کہا کہ اگر آج سافط کے بیٹے الِیشع کا سر اُس کے تن پر رہ جائے تو خُدا مُجھ سے اَیسا بلکہ اِس سے زِیادہ کرے۔ 32 لیکن الِیشع اپنے گھر میں بَیٹھا رہا اور بزُرگ لوگ اُس کے ساتھ بَیٹھے تھے
اور بادشاہ نے اپنے حضُور سے ایک شخص کو بھیجا پر اِس سے پہلے کہ وہ قاصِد اُس کے پاس آئے اُس نے بزُرگوں سے کہا تُم دیکھتے ہو کہ اُس قاتِل زادہ نے میرا سر اُڑا دینے کو ایک آدمی بھیجا ہے؟ سو دیکھو جب وہ قاصِد آئے تو دروازہ بند کر لینا اور مضبُوطی سے دروازہ کو اُس کے مُقابِل پکڑے رہنا۔ کیا اُس کے پِیچھے پِیچھے اُس کے آقا کے پاؤں کی آہٹ نہیں؟ 33 اور وہ اُن سے ہنُوز باتیں کر ہی رہا تھا کہ دیکھو وہ قاصِد اُس کے پاس آ پُہنچا اور اُس نے کہا کہ دیکھو یہ بلا خُداوند کی طرف سے ہے۔ اب آگے مَیں خُداوند کی راہ کیوں تکُوں؟
1 تب الِیشع نے کہا تُم خُداوند کی بات سُنو۔ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ کل اِسی وقت کے قرِیب سامرِؔیہ کے پھاٹک پر ایک مِثقال میں ایک پَیمانہ مَیدہ اور ایک ہی مِثقال میں دو پَیمانے جَو بِکے گا۔
2 تب اُس سردار نے جِس کے ہاتھ پر بادشاہ تکیہ کرتا تھا مَردِ خُدا کو جواب دِیا دیکھ اگر خُداوند آسمان میں کِھڑکِیاں بھی لگا دے تَو بھی کیا یہ بات ہو سکتی ہے؟
اُس نے کہا سُن۔ تُو اِسے اپنی آنکھوں سے دیکھے گا پر اُس میں سے کھانے نہ پائے گا۔
ارامی لشکر فرار ہوتا ہے
3 اور اُس جگہ جہاں سے پھاٹک میں داخِل ہوتے تھے چار کوڑھی تھے۔ اُنہوں نے ایک دُوسرے سے کہا ہم یہاں بَیٹھے بَیٹھے کیوں مَریں؟ 4 اگر ہم کہیں کہ شہر کے اندر جائیں گے تو شہر میں کال ہے اور ہم وہاں مَر جائیں گے اور اگر یہِیں بَیٹھے رہیں تَو بھی مَریں گے سو آؤ ہم ارامی لشکر میں جائیں۔ اگر وہ ہم کو جِیتا چھوڑیں تو ہم جِیتے رہیں گے اور اگر وہ ہم کو مار ڈالیں تو ہم کو مَرنا ہی تو ہے۔ 5 پس وہ شام کے وقت اُٹھے کہ ارامِیوں کی لشکر گاہ کو جائیں اور جب وہ ارامیوں کی لشکر گاہ کی باہر کی حد پر پُہنچے تو دیکھا کہ وہاں کوئی آدمی نہیں ہے۔ 6 کیونکہ خُداوند نے رتھوں کی آواز اور گھوڑوں کی آواز بلکہ ایک بڑی فَوج کی آواز ارامیوں کے لشکر کو سُنوائی۔ سو وہ آپس میں کہنے لگے کہ دیکھو شاہِ اِسرائیلؔ نے حِتّیوں کے بادشاہوں اور مِصریوں کے بادشاہوں کو ہمارے خِلاف اُجرت پر بُلایا ہے تاکہ وہ ہم پر چڑھ آئیں۔ 7 اِس لِئے وہ اُٹھے اور شام کو بھاگ نِکلے اور اپنے ڈیرے اور اپنے گھوڑے اور اپنے گدھے بلکہ ساری لشکر گاہ جَیسی کی تَیسی چھوڑ دی اور اپنی جان لے کر بھاگے۔
8 چُنانچہ جب یہ کوڑھی لشکر گاہ کی باہر کی حد پر پُہنچے تو ایک ڈیرے میں جا کر اُنہوں نے کھایا پِیا اور چاندی اور سونا اور لِباس وہاں سے لے جا کر چِھپا دِیا اور لَوٹ کر آئے اور دُوسرے ڈیرے میں داخِل ہو کر وہاں سے بھی لے گئے اور جا کر چِھپا دِیا۔ 9 پِھر وہ ایک دُوسرے سے کہنے لگے ہم اچّھا نہیں کرتے۔ آج کا دِن خُوشخبری کا دِن ہے اور ہم خاموش ہیں۔ اگر ہم صُبح کی رَوشنی تک ٹھہرے رہیں تو سزا پائیں گے۔ پس آؤ ہم جا کر بادشاہ کے گھرانے کو خبر دیں۔ 10 سو اُنہوں نے آ کر شہر کے دربان کو بُلایا اور اُن کو بتایا کہ ہم ارامیوں کی لشکر گاہ میں گئے اور دیکھو وہاں نہ آدمی ہے نہ آدمی کی آواز۔ صِرف گھوڑے بندھے ہُوئے اور گدھے بندھے ہُوئے اور خَیمے جُوں کے تُوں ہیں۔
11 اور دربانوں نے پُکار کر بادشاہ کے محلّ میں خبر دی۔ 12 تب بادشاہ رات ہی کو اُٹھا اور اپنے خادِموں سے کہا کہ مَیں تُم کو بتاتا ہُوں ارامیوں نے ہم سے کیا کِیا ہے۔ وہ خُوب جانتے ہیں کہ ہم بُھوکے ہیں۔ سو وہ مَیدان میں چِھپنے کے لِئے لشکر گاہ سے نِکل گئے ہیں اور سوچا ہے کہ جب ہم شہر سے نِکلیں تو وہ ہم کو جِیتا پکڑ لیں اور شہر میں داخِل ہو جائیں۔
13 اور اُس کے خادِموں میں سے ایک نے جواب دِیا کہ ذرا کوئی اُن بچے ہُوئے گھوڑوں میں سے جو شہر میں باقی ہیں پانچ گھوڑے لے (وہ تو اِسرائیلؔ کی ساری جماعت کی مانِند ہیں جو باقی رہ گئی ہے بلکہ وہ اُس ساری اِسرائیلی جماعت کی مانِند ہیں جو فنا ہو گئی) اور ہم اُن کو بھیج کر دیکھیں۔ 14 سو اُنہوں نے دو رتھ گھوڑوں سمیت لِئے اور بادشاہ نے اُن کو ارامیوں کے لشکر کے پِیچھے بھیجا کہ جا کر دیکھیں۔ 15 اور وہ اُن کے پِیچھے یَردؔن تک چلے گئے اور دیکھو سارا راستہ کپڑوں اور برتنوں سے بھرا پڑا تھا جِن کو ارامیوں نے جلدی میں پھینک دِیا تھا سو قاصِدوں نے لَوٹ کر بادشاہ کو خبر دی۔ 16 تب لوگوں نے نِکل کر ارامیوں کی لشکر گاہ کو لُوٹا۔ سو ایک مِثقال میں ایک پَیمانہ مَیدہ اور ایک ہی مِثقال میں دو پَیمانے جَو خُداوند کے کلام کے مُطابِق بِکا۔
17 اور بادشاہ نے اُسی سردار کو جِس کے ہاتھ پر تکیہ کرتا تھا پھاٹک پر مُقرّر کِیا اور وہ پھاٹک میں لوگوں کے پاؤں کے نِیچے دب کر مَر گیا جَیسا مَردِ خُدا نے فرمایا تھا جِس نے یہ اُس وقت کہا تھا جب بادشاہ اُس کے پاس آیا تھا۔ 18 اور مَردِ خُدا نے جَیسا بادشاہ سے کہا تھا کہ کل اِسی وقت کے قرِیب ایک مِثقال میں دو پَیمانے جَو اور ایک ہی مِثقال میں ایک پَیمانہ مَیدہ سامرؔیہ کے پھاٹک پر مِلے گا وَیسا ہی ہُؤا۔ 19 اور اُس سردار نے مَردِ خُدا کو جواب دِیا تھا کہ دیکھ اگر خُداوند آسمان میں کِھڑکِیاں بھی لگا دے تَو بھی کیا اَیسی بات ہو سکتی ہے؟ اور اِس نے کہا تھا کہ تُو اپنی آنکھوں سے دیکھے گا پر اُس میں سے کھانے نہ پائے گا۔ 20 سو اُس کے ساتھ ٹِھیک اَیسا ہی ہُؤا کیونکہ وہ پھاٹک میں لوگوں کے پاؤں کے نِیچے دب کر مَر گیا۔
شونِیمی عَورت واپس آتی ہے
1 اور الِیشع نے اُس عَورت سے جِس کے بیٹے کو اُس نے جِلایا تھا یہ کہا تھا کہ اُٹھ اور اپنے کُنبہ سمیت جا اور جہاں کہِیں تُو رہ سکے وہاں رہ کیونکہ خُداوند نے کال کا حُکم دِیا ہے اور وہ مُلک میں سات برس تک رہے گا بھی۔ 2 تب اُس عَورت نے اُٹھ کر مَردِ خُدا کے کہنے کے مُطابِق کِیا اور اپنے کُنبہ سمیت جا کر فِلستِیوں کے مُلک میں سات برس تک رہی۔
3 اور ساتویں سال کے آخِر میں اَیسا ہُؤا کہ یہ عَورت فِلستِیوں کے مُلک سے لَوٹی اور بادشاہ کے پاس اپنے گھر اور اپنی زمِین کے لِئے فریاد کرنے لگی۔ 4 اُس وقت بادشاہ مَردِ خُدا کے خادِم جیحازؔی سے باتیں کر رہا اور یہ کہہ رہا تھا کہ ذرا وہ سب بڑے بڑے کام جو الِیشع نے کِئے مُجھے بتا۔ 5 اور اَیسا ہُؤا کہ جب وہ بادشاہ کو بتا ہی رہا تھا کہ اُس نے ایک مُردہ کو جِلایا تو وُہی عَورت جِس کے بیٹے کو اُس نے جِلایا تھا آ کر بادشاہ کے حضُور اپنے گھر اور اپنی زمِین کے لِئے فریاد کرنے لگی۔ تب جیحازؔی بول اُٹھا اَے میرے مالِک! اَے بادشاہ یِہی وہ عَورت ہے اور یِہی اُس کا بیٹا ہے جِسے الِیشع نے جِلایا تھا۔ 6 جب بادشاہ نے اُس عَورت سے پُوچھا تو اُس نے اُسے سب کُچھ بتایا۔ تب بادشاہ نے ایک خواجہ سرا کو اُس کے لِئے مُقرّر کر دِیا اور فرمایا کہ سب کُچھ جو اِس کا تھا اور جب سے اِس نے اِس مُلک کو چھوڑا اُس وقت سے اب تک کی کھیت کی ساری پَیداوار اِس کو پھیر دو۔
الیشِع اور شاہِ ارام بن ہدد
7 اور الِیشع دؔمشق میں آیا اور شاہِ اراؔم بِن ہدد بِیمار تھا اور اُس کو خبر ہُوئی کہ وہ مَردِ خُدا اِدھر آیا ہے۔ 8 اور بادشاہ نے حزاؔئیل سے کہا کہ اپنے ہاتھ میں ہدیہ لے کر مَردِ خُدا کے اِستِقبال کو جا اور اُس کی معرفت خُداوند سے دریافت کر کہ مَیں اِس بِیماری سے شِفا پاؤُں گا یا نہیں؟ 9 پس حزائیل اُس سے مِلنے کو چلا اور اُس نے دؔمشق کی ہر نفِیس چِیز میں سے چالِیس اُونٹوں پر ہدیہ لدوا کر اپنے ساتھ لِیا اور آ کر اُس کے سامنے کھڑا ہُؤا اور کہنے لگا تیرے بیٹے بِن ہدد شاہِ اراؔم نے مُجھ کو تیرے پاس یہ پُوچھنے کو بھیجا ہے کہ مَیں اِس بِیماری سے شِفا پاؤُں گا یا نہیں؟
10 الِیشع نے اُس سے کہا جا اُس سے کہہ تُو ضرُور شِفا پائے گا تَو بھی خُداوند نے مُجھ کو یہ بتایا ہے کہ وہ یقِیناً مَر جائے گا۔ 11 اور وہ اُس کی طرف ٹِکٹِکی باندھ کر دیکھتا رہا یہاں تک کہ وہ شرما گیا۔ پِھر مَردِ خُدا رونے لگا۔ 12 اور حزائیل نے کہا میرا مالِک روتا کیوں ہے؟
اُس نے جواب دِیا اِس لِئے کہ مَیں اُس بدی سے جو تُو بنی اِسرائیل سے کرے گا آگاہ ہُوں۔ تُو اُن کے قلعوں میں آگ لگائے گا اور اُن کے جوانوں کو تہِ تیغ کرے گا اور اُن کے بچّوں کو پٹک پٹک کر ٹُکڑے ٹُکڑے کرے گا اور اُن کی حامِلہ عَورتوں کو چِیر ڈالے گا۔
13 حزائیل نے کہا تیرے خادِم کی جو کُتّے کے برابر ہے حقِیقت ہی کیا ہے جو وہ اَیسی بڑی بات کرے؟
الِیشع نے جواب دِیا خُداوند نے مُجھے بتایا ہے کہ تُو ارام کا بادشاہ ہو گا۔
14 پِھر وہ الِیشع سے رُخصت ہُؤا اور اپنے آقا کے پاس آیا۔ اُس نے پُوچھا الِیشع نے تُجھ سے کیا کہا؟
اُس نے جواب دِیا کہ اُس نے مُجھے بتایا کہ تُو ضرُور شِفا پائے گا۔ 15 اور دُوسرے دِن اَیسا ہُؤا کہ اُس نے بالا پوش کو لِیا اور اُسے پانی میں بھگو کر اُس کے مُنہ پر تان دِیا اَیسا کہ وہ مر گیا
اور حزائیل اُس کی جگہ سلطنت کرنے لگا۔
یہُوداؔہ کا بادشاہ یُورام
16 اور شاہِ اِسرائیلؔ اخیاؔب کے بیٹے یُوراؔم کے پانچویں سال جب یہُوسفط یہُوداؔہ کا بادشاہ تھا شاہِ یہُوداؔہ یہُوسفط کا بیٹا یہُوراؔم سلطنت کرنے لگا۔ 17 اور جب وہ سلطنت کرنے لگا تو بتِّیس برس کا تھا اور اُس نے یروشلیِم میں آٹھ برس بادشاہی کی۔ 18 اور وہ بھی اخیاؔب کے گھرانے کی طرح اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کی راہ پر چلا کیونکہ اخیاؔب کی بیٹی اُس کی بِیوی تھی اور اُس نے خُداوند کی نظر میں بدی کی۔ 19 تَو بھی خُداوند نے اپنے بندہ داؤُد کی خاطِر نہ چاہا کہ یہُوداؔہ کو ہلاک کرے کیونکہ اُس نے اُس سے وعدہ کِیا تھا کہ وہ اُسے اُس کی نسل کے واسطے ہمیشہ کے لِئے ایک چراغ دے گا۔
20 اُسی کے دِنوں میں ادُوؔم یہُوداؔہ کی اِطاعت سے مُنحرِف ہو گیا اور اُنہوں نے اپنے لِئے ایک بادشاہ بنا لِیا۔ 21 تب یُوراؔم صعیر کو گیا اور اُس کے سب رتھ اُس کے ساتھ تھے اور اُس نے رات کو اُٹھ کر ادُومیوں کو جو اُسے گھیرے ہُوئے تھے اور رتھوں کے سرداروں کو مارا اور لوگ اپنے ڈیروں کو بھاگ گئے۔ 22 سو ادُوؔم یہُوداؔہ کی اِطاعت سے آج تک مُنحرِف ہے اور اُسی وقت لِبناؔہ بھی مُنحرِف ہو گیا۔
23 اور یُوراؔم کے باقی کام اور سب کُچھ جو اُس نے کِیا سو کیا وہ یہُوداؔہ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟ 24 اور یُوراؔم اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا اور داؤُد کے شہر میں اپنے باپ دادا کے ساتھ دفن ہُؤا اور اُس کا بیٹا اخزیاؔہ اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔
یہُوداؔہ کا بادشاہ اخزیاہ
25 اور شاہِ اِسرائیلؔ اخیاؔب کے بیٹے یُوراؔم کے بارھویں برس سے شاہِ یہُوداؔہ یہُوراؔم کا بیٹا اخزیاؔہ سلطنت کرنے لگا۔ 26 اخزیاؔہ بائِیس برس کا تھا جب وہ سلطنت کرنے لگا اور اُس نے یروشلیِم میں ایک برس سلطنت کی۔ اُس کی ماں کا نام عتلیاؔہ تھا جو شاہِ اِسرائیلؔ عُمرؔی کی بیٹی تھی۔ 27 اور وہ بھی اخیاؔب کے گھرانے کی راہ پر چلا اور اُس نے اخیاؔب کے گھرانے کی مانِند خُداوند کی نظر میں بدی کی کیونکہ وہ اخیاؔب کے گھرانے کا داماد تھا۔
28 اور وہ اخیاؔب کے بیٹے یُوراؔم کے ساتھ راماؔت جِلعاؔد میں شاہِ اراؔم حزائیل سے لڑنے کو گیا اور ارامیوں نے یُوراؔم کو زخمی کِیا۔ 29 سو یُوراؔم بادشاہ لَوٹ گیا تاکہ وہ یزرعیل میں اُن زخموں کا عِلاج کرائے جو شاہِ اراؔم حزائیل سے لڑتے وقت رامہ میں ارامیوں کے ہاتھ سے لگے تھے اور شاہِ یہُوداؔہ یہُوراؔم کا بیٹا اخزیاؔہ اخیاؔب کے بیٹے یُوراؔم کو دیکھنے کے لِئے یزرعیل میں آیا کیونکہ وہ بِیمار تھا۔
یاہُو کو اِسرائیل کا بادشاہ ہونے کے لِئے مَسح کِیا جاتا ہے
1 اور الِیشع نبی نے انبیا زادوں میں سے ایک کو بُلا کر اُس سے کہا اپنی کمر باندھ اور تیل کی یہ کُپّی اپنے ہاتھ میں لے اور راماؔت جِلعاؔد کو جا۔ 2 اور جب تُو وہاں پُہنچے تو یاہُو بِن یہُوسفط بِن نِمسی کو پُوچھ اور اندر جا کر اُسے اُس کے بھائِیوں میں سے اُٹھوا اور اندر کی کوٹھری میں لے جا۔ 3 پِھر تیل کی یہ کُپّی لے کر اُس کے سر پر ڈال اور کہہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ مَیں نے تُجھے مَسح کر کے اِسرائیلؔ کا بادشاہ بنایا ہے۔ پِھر تُو دروازہ کھول کر بھاگنا اور ٹھہرنا مت۔
4 سو وہ جوان یعنی وہ جوان جو نبی تھا راماؔت جِلعاد کو گیا۔ 5 اور جب وہ پُہنچا تو لشکر کے سردار بَیٹھے ہُوئے تھے۔ اُس نے کہا اَے سردار میرے پاس تیرے لِئے ایک پَیغام ہے۔
یاہُو نے کہا ہم سبھوں میں سے کِس کے لِئے؟
اُس نے کہا اَے سردار تیرے لِئے۔ 6 سو وہ اُٹھ کر اُس گھر میں گیا۔ تب اُس نے اُس کے سر پر وہ تیل ڈالا اور اُس سے کہا خُداوند اِسرائیلؔ کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ مَیں نے تُجھے مسح کر کے خُداوند کی قَوم یعنی اِسرائیلؔ کا بادشاہ بنایا ہے۔ 7 سو تُو اپنے آقا اخیاؔب کے گھرانے کو مار ڈالنا تاکہ مَیں اپنے بندوں نبِیوں کے خُون کا اور خُداوند کے سب بندوں کے خُون کا اِنتِقام اِیزؔبِل کے ہاتھ سے لُوں۔ 8 کیونکہ اخیؔاب کا سارا گھرانا نابُود ہو گا اور مَیں اخیؔاب کی نسل کے ہر ایک لڑکے کو اور اُس کو جو اِسرائیلؔ میں بند ہے اور اُس کو جو آزاد چُھوٹا ہُؤا ہے کاٹ ڈالُوں گا۔ 9 اور مَیں اخیؔاب کے گھر کو نباط کے بیٹے یرُبعاؔم کے گھر اور اخیاؔہ کے بیٹے بعشا کے گھر کی مانِند کر دُوں گا۔ 10 اور اِیزبِل کو یزرؔعیل کے عِلاقہ میں کُتّے کھائیں گے۔ وہاں کوئی نہ ہو گا جو اُسے دفن کرے۔ پِھر وہ دروازہ کھول کر بھاگا۔
11 تب یاہُو اپنے آقا کے خادِموں کے پاس باہر آیا اور ایک نے اُس سے پُوچھا سب خَیر تو ہے؟ یہ دِیوانہ تیرے پاس کیوں آیا تھا؟
اُس نے اُن سے کہا تُم اُس شخص سے اور اُس کے پَیغام سے واقِف ہو۔
12 اُنہوں نے کہا یہ جُھوٹ ہے۔ اب ہم کو حال بتا۔
اُس نے کہا اُس نے مُجھ سے اِس اِس طرح کی بات کی اور کہا کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ مَیں نے تُجھے مَسح کر کے اِسرائیلؔ کا بادشاہ بنایا ہے۔
13 تب اُنہوں نے جلدی کی اور ہر ایک نے اپنی پوشاک لے کر اُس کے نِیچے سِیڑِھیوں کی چوٹی پر بِچھائی اور نرسِنگا پُھونک کر کہنے لگے کہ یاہُو بادشاہ ہے۔
اِسرائیل کے بادشاہ یُورام کا قتل
14 سو یاہُو بِن یہُوسفط بِن نِمسی نے یُوراؔم کے خِلاف سازِش کی (اور یُوراؔم سارے اِسرائیلؔ سمیت شاہِ اراؔم حزائیل کے سبب سے راماؔت جِلعاد کی حِمایت کر رہا تھا۔ 15 لیکن یُوراؔم بادشاہ لَوٹ گیا تھا تاکہ یزرعیل میں اُن زخموں کا عِلاج کرائے جو شاہِ اراؔم حزائیل سے لڑتے وقت ارامیوں کے ہاتھ سے لگے تھے) تب یاہُو نے کہا اگر تُمہاری مرضی یِہی ہے تو کوئی یزرعیل جا کر خبر کرنے کے لِئے اِس شہر سے بھاگنے اور نِکلنے نہ پائے۔ 16 اور یاہُو رتھ پر سوار ہو کر یزرعیل کو گیا کیونکہ یُوراؔم وہِیں پڑا ہُؤا تھا اور شاہِ یہُوداؔہ اخزیاؔہ یُوراؔم کی مُلاقات کو آیا ہُؤا تھا۔
17 اور یزرعیل میں نِگہبان بُرج پر کھڑا تھا اور اُس نے جو یاہُو کے جتھے کو آتے ہُوئے دیکھا تو کہا مُجھے ایک جتھا دِکھائی دیتا ہے۔
یُوراؔم نے کہا ایک سوار کو لے کر اُن سے مِلنے کو بھیج۔ وہ یہ پُوچھے ”خَیر ہے؟“
18 چُنانچہ ایک شخص گھوڑے پر اُس سے مِلنے کو گیا اور کہا بادشاہ پُوچھتا ہے خَیر ہے؟
یاہُو نے کہا تُجھ کو خَیر سے کیا کام؟ میرے پِیچھے ہو لے۔
پِھر نِگہبان نے کہا کہ قاصِد اُن کے پاس پُہنچ تو گیا لیکن واپس نہیں آتا۔ 19 تب اُس نے دُوسرے کو گھوڑے پر روانہ کِیا جِس نے اُن کے پاس جا کر اُن سے کہا بادشاہ یُوں کہتا ہے ”خَیر ہے“؟ یاہُو نے جواب دِیا تُجھے خَیر سے کیا کام؟ میرے پِیچھے ہو لے۔
20 پِھر نگِہبان نے کہا وہ بھی اُن کے پاس پُہنچ تو گیا لیکن واپس نہیں آتا اور رتھ کا ہانکنا اَیسا ہے جَیسے نِمسی کے بیٹے یاہُو کا ہانکنا ہوتا ہے کیونکہ وُہی تُندی سے ہانکتا ہے۔
21 تب یُوراؔم نے فرمایا جوت لے۔ سو اُنہوں نے اُس کے رتھ کو جوت لِیا۔ تب شاہِ اِسرائیلؔ یُوراؔم اور شاہِ یہُوداؔہ اخزیاؔہ اپنے اپنے رتھ پر نِکلے اور یاہُو سے مِلنے کو گئے اور یزرعیلی نبوت کی مِلکِیّت میں اُس سے دوچار ہُوئے۔ 22 اور یُوراؔم نے یاہُو کو دیکھ کر کہا اَے یاہُو خَیر ہے؟
اُس نے جواب دِیا جب تک تیری ماں اِیزؔبِل کی زِناکارِیاں اور اُس کی جادُوگرِیاں اِس قدر ہیں تب تک کَیسی خَیر؟
23 تب یُوراؔم نے باگ موڑی اور بھاگا اور اخزیاؔہ سے کہا اَے اخزیاؔہ فِتنہ بپا ہے۔ 24 تب یاہُو نے اپنے سارے زور سے کمان کھینچی اور یہُوراؔم کے دونوں شانوں کے درمِیان اَیسا مارا کہ تِیر اُس کے دِل سے پار ہو گیا اور وہ اپنے رتھ میں گِرا۔ 25 تب یاہُو نے اپنے لشکر کے سردار بِدؔقر سے کہا اُسے لے کر یزرعیلی نبوت کی مِلکِیّت کے کھیت میں ڈال دے کیونکہ یاد کر کہ جب مَیں اور تُو اُس کے باپ اخیؔاب کے پِیچھے پِیچھے سوار ہو کر چل رہے تھے تو خُداوند نے یہ فتویٰ اُس پر دِیا تھا۔ 26 کہ یقِیناً مَیں نے کل نبوت کے خُون اور اُس کے بیٹوں کے خُون کو دیکھا ہے خُداوند فرماتا ہے اور مَیں اِسی کھیت میں تُجھے بدلہ دُوں گا خُداوند فرماتا ہے۔ سو جَیسا خُداوند نے فرمایا ہے اُسے لے کر اُسی جگہ ڈال دے۔
یہُوداؔہ کے بادشاہ اخزیاہ کا قتل
27 لیکن جب شاہِ یہُوداؔہ اخزیاؔہ نے یہ دیکھا تو وہ باغ کی بارہ دری کی راہ سے نِکل بھاگا اور یاہُو نے اُس کا پِیچھا کِیا اور کہا کہ اُسے بھی رتھ ہی میں مار دو چُنانچہ اُنہوں نے اُسے جُور کی چڑھائی پر جو اِبلعاؔم کے مُتّصِل ہے مارا اور وہ مجِدّو کو بھاگا اور وہِیں مَر گیا۔ 28 اور اُس کے خادِم اُس کو ایک رتھ میں یروشلیِم کو لے گئے اور اُسے اُس کی قبر میں داؤُد کے شہر میں اُس کے باپ دادا کے ساتھ دفن کِیا۔
29 اور اخیؔاب کے بیٹے یُوراؔم کے گیارھویں برس اخزیاؔہ یہُوداؔہ کا بادشاہ ہُؤا۔
ایزبل کا قتل
30 اور جب یاہُو یزرعیل میں آیا تو اِیزؔبِل نے سُنا اور اپنی آنکھوں میں سُرمہ لگا اور اپنا سر سنوار کِھڑکی سے جھانکنے لگی۔ 31 اور جَیسے ہی یاہُو پھاٹک میں داخِل ہُؤا وہ کہنے لگی اَے زِمرؔی! اپنے آقا کے قاتِل خَیر تو ہے؟
32 پر اُس نے کِھڑکی کی طرف مُنہ اُٹھا کر کہا میری طرف کَون ہے کَون؟ تب دو تِین خواجہ سراؤں نے اِس کی طرف دیکھا۔ 33 اِس نے کہا اُسے نِیچے گِرا دو۔ سو اُنہوں نے اُسے نِیچے گِرا دِیا اور اُس کے خُون کی چِھینٹیں دِیوار پر اور گھوڑوں پر پڑِیں اور اِس نے اُسے پاؤں تلے رَوندا۔ 34 اور جب یہ اندر آیا تو اِس نے کھایا پِیا۔ پِھر کہنے لگا جاؤ اُس لَعنتی عَورت کو دیکھو اور اُسے دفن کرو کیونکہ وہ شہزادی ہے۔ 35 اور وہ اُسے دفن کرنے گئے پر کھوپڑی اور اُس کے پاؤں اور ہتھیلِیوں کے سِوا اُس کا اَور کُچھ اُن کو نہ مِلا۔ 36 سو وہ لَوٹ آئے اور اِسے یہ بتایا۔ اِس نے کہا یہ خُداوند کا وُہی سُخن ہے جو اُس نے اپنے بندہ ایلیّاہؔ تِشبی کی معرفت فرمایا تھا کہ یزرعیل کے عِلاقہ میں کُتّے اِیزؔبِل کا گوشت کھائیں گے۔ 37 اور اِیزؔبِل کی لاش یِزرؔعیل کے عِلاقہ میں کھیت کی کھاد کی طرح پڑی رہے گی۔ یہاں تک کہ کوئی نہ کہے گا کہ یہ اِیزؔبِل ہے۔
اخیؔاب کی اَولاد کا قتلِ عام
1 اور سامرِؔیہ میں اخیاؔب کے ستّر بیٹے تھے۔ سو یاہُو نے سامرِؔیہ میں یزرعیل کے امِیروں یعنی بزُرگوں کے پاس اور اُن کے پاس جو اخیاؔب کے بیٹوں کے پالنے والے تھے خط لِکھ بھیجے۔ 2 کہ جِس حال تُمہارے آقا کے بیٹے تُمہارے ساتھ ہیں اور تُمہارے پاس رتھ اور گھوڑے اور فصِیل دار شہر بھی اور ہتھیار بھی ہیں سو اِس خط کے پُہنچتے ہی۔ 3 تُم اپنے آقا کے بیٹوں میں سب سے اچّھے اور لائِق کو چُن کر اُسے اُس کے باپ کے تخت پر بِٹھاؤ اور اپنے آقا کے گھرانے کے لِئے جنگ کرو۔
4 لیکن وہ نِہایت ہِراسان ہُوئے اور کہنے لگے دیکھو دو بادشاہ تو اُس کا مُقابلہ نہ کر سکے پس ہم کیونکر کر سکیں گے؟ 5 سو محلّ کے دِیوان نے اور شہر کے حاکِم نے اور بزُرگوں نے بھی اور لڑکوں کے پالنے والوں نے یاہُو کو کہلا بھیجا ہم سب تیرے خادِم ہیں اور جو کُچھ تُو فرمائے گا وہ سب ہم کریں گے ہم کِسی کو بادشاہ نہیں بنائیں گے۔ جو کُچھ تیری نظر میں اچّھا ہو سو کر۔
6 تب اُس نے دُوسری بار ایک خط اُن کو لِکھ بھیجا کہ اگر تُم میری طرف ہو اور میری بات ماننا چاہتے ہو تو اپنے آقا کے بیٹوں کے سر اُتار کر کل یزرعیل میں اِسی وقت میرے پاس آ جاؤ۔
اُس وقت شہزادے جو ستّر آدمی تھے شہر کے اُن بڑے آدمِیوں کے ساتھ تھے جو اُن کے پالنے والے تھے۔ 7 سو جب یہ نامہ اُن کے پاس آیا تو اُنہوں نے شہزادوں کو لے کر اُن کو یعنی اُن ستّر آدمِیوں کو قتل کِیا اور اُن کے سر ٹوکروں میں رکھّ کر اُن کو اُس کے پاس یزرعیل میں بھیج دِیا۔
8 تب ایک قاصِد نے آ کر اُسے خبر دی کہ وہ شہزادوں کے سر لائے ہیں۔ اُس نے کہا کہ تُم شہر کے پھاٹک کے مدخل پر اُن کی دو ڈھیرِیاں لگا کر کل صُبح تک رہنے دو۔ 9 اور صُبح کو اَیسا ہُؤا کہ وہ نِکل کر کھڑا ہُؤا اور سب لوگوں سے کہنے لگا تُم تو راست ہو۔ دیکھو مَیں نے تو اپنے آقا کے برخِلاف بندِش باندھی اور اُسے مارا پر اِن سبھوں کو کِس نے مارا؟ 10 سو اب جان لو کہ خُداوند کے اُس سُخن میں سے جِسے خُداوند نے اخیاؔب کے گھرانے کے حق میں فرمایا کوئی بات خاک میں نہیں مِلے گی کیونکہ خُداوند نے جو کُچھ پنے بندہ ایلیّاہؔ کی معرفت فرمایا تھا اُسے پُورا کِیا۔ 11 سو یاہُو نے اُن سب کو جو اخیاؔب کے گھرانے سے یزرعیل میں بچ رہے تھے اور اُس کے سب بڑے بڑے آدمِیوں اور مُقرّب دوستوں اور کاہِنوں کو قتل کِیا یہاں تک کہ اُس نے اُس کے کِسی آدمی کو باقی نہ چھوڑا۔
اخزیاہ بادشاہ کے قرابتیوں کا قتل
12 پِھر وہ اُٹھ کر روانہ ہُؤا اور سامرِؔیہ کو چلا اور راستہ میں گڈرِیوں کے بال کترنے کے گھر تک پُہنچا ہی تھا کہ 13 یاہُو کو شاہِ یہُوداؔہ اخزیاؔہ کے بھائی مِل گئے۔
اِس نے پُوچھا کہ تُم کَون ہو؟ اُنہوں نے کہا ہم اخزیاؔہ کے بھائی ہیں اور ہم جاتے ہیں کہ بادشاہ کے بیٹوں اور مَلِکہ کے بیٹوں کو سلام کریں۔ 14 تب اُس نے کہا کہ اُن کو جِیتا پکڑ لو۔ سو اُنہوں نے اُن کو جِیتا پکڑ لِیا اور اُن کو جو بیالِیس آدمی تھے بال کترنے کے گھر کے حَوض پر قتل کِیا۔ اُس نے اُن میں سے ایک کو بھی نہ چھوڑا۔
اخیؔاب کے باقی ماندہ سارے قرابتیوں کا قتل
15 پِھر جب وہ وہاں سے رُخصت ہُؤا تو یہُونا داب بِن رَیکاؔب جو اُس کے اِستِقبال کو آ رہا تھا اُسے مِلا۔ تب اُس نے اُسے سلام کِیا اور اُس سے کہا کیا تیرا دِل ٹِھیک ہے جَیسا میرا دِل تیرے دِل کے ساتھ ہے؟
یہُونا داب نے جواب دِیا کہ ہے۔
سو اُس نے کہا اگر اَیسا ہے تو اپنا ہاتھ مُجھے دے۔ سو اُس نے اُسے اپنا ہاتھ دِیا اور اُس نے اُسے رتھ میں اپنے ساتھ بِٹھا لِیا۔ 16 اور کہا میرے ساتھ چل اور میری غَیرت کو جو خُداوند کے لِئے ہے دیکھ۔ سو اُنہوں نے اُسے اُس کے ساتھ رتھ پر سوار کرایا۔ 17 اور جب وہ سامرِؔیہ میں پُہنچا تو اخیاؔب کے سب باقی لوگوں کو جو سامرؔیہ میں تھے قتل کِیا یہاں تک کہ اُس نے جَیسا خُداوند نے ایلیّاہؔ سے کہا تھا اُس کو نیست و نابُود کر دِیا۔
بعل کے پجاریوں کا قتل
18 پِھر یاہُو نے سب لوگوں کو فراہم کِیا اور اُن سے کہا کہ اخیاؔب نے بعل کی تھوڑی پرستِش کی۔ یاہُو اُس کی بُہت ہی پرستِش کرے گا۔ 19 سو اب تُم بعل کے سب نبِیوں اور اُس کے سب پُوچنے والوں اور سب پُجارِیوں کو میرے پاس بُلا لاؤ۔ اُن میں سے کوئی غَیر حاضِر نہ رہے کیونکہ مُجھے بعل کے لِئے بڑی قُربانی کرنا ہے۔ سو جو کوئی غَیر حاضِر رہے وہ جِیتا نہ بچے گا۔ پر یاہُو نے اِس غرض سے کہ بعل کے پُوجنے والوں کو نیست کر دے یہ حِیلہ نِکالا تھا۔ 20 اور یاہُو نے کہا کہ بعل کے لِئے ایک خاص عِید کی تقدِیس کرو۔ سو اُنہوں نے اُس کی مُنادی کر دی۔ 21 اور یاہُو نے سارے اِسرائیلؔ میں لوگ بھیجے اور بعل کے سب پُوجنے والے آئے یہاں تک کے ایک شخص بھی اَیسا نہ تھا جو نہ آیا ہو اور وہ بعل کے مندِر میں داخِل ہُوئے اور بعل کا مندِر اِس سِرے سے اُس سِرے تک بھر گیا۔ 22 پِھر اُس نے اُس کو جو توشہ خانہ پر مُقرّر تھا حُکم کِیا کہ بعل کے سب پُوجنے والوں کے لِئے لِباس نِکال لا۔ سو وہ اُن کے لِئے لِباس نِکال لایا۔ 23 تب یاہُو اور یہُو ناداب بِن رَیکاب بعل کے مندِر کے اندر گئے اور اُس نے بعل کے پُوجنے والوں سے کہا کہ تفتِیش کرو اور دیکھ لو کہ یہاں تُمہارے ساتھ خُداوند کے خادِموں میں سے کوئی نہ ہو فقط بعل ہی کے پُوجنے والے ہوں۔ 24 اور وہ ذبِیحے اور سوختنی قُربانِیاں گُذراننے کو اندر گئے اور یاہُو نے باہر اسّی جوان مُقرّر کر دِئے اور کہا کہ اگر کوئی اِن لوگوں میں سے جِن کو مَیں تُمہارے ہاتھ میں کر دُوں نِکل بھاگے تو چھوڑنے والے کی جان اُس کی جان کے بدلے جائے گی۔
25 اور جب وہ سوختنی قُربانی چڑھا چُکا تو یاہُو نے پہرے والوں اور سرداروں سے کہا کہ گُھس جاؤ اور اُن کو قتل کرو۔ ایک بھی نِکلنے نہ پائے چُنانچہ اُنہوں نے اُن کو تہِ تیغ کِیا اور پہرے والوں اور سرداروں نے اُن کو باہر پھینک دِیا اور بعل کے مندِر کے شہر کو گئے۔ 26 اور اُنہوں نے بعل کے مندِر کے سُتُونوں کو باہر نِکال کر اُن کو آگ میں جلایا۔ 27 اور بعل کے سُتُون کو چکنا چُور کِیا اور بعل کا مندِر ڈھا کر اُسے سنڈاس بنا دِیا جَیسا آج تک ہے۔
28 یُوں یاہُو نے بعل کو اِسرائیلؔ کے درمِیان سے نیست و نابُود کر دِیا۔ 29 تَو بھی نباط کے بیٹے یرُبعاؔم کے گُناہوں سے جِن سے اُس نے اِسرائیلؔ سے گُناہ کرایا یاہُو باز نہ آیا یعنی اُس نے سونے کے بچھڑوں کو ماننے سے جو بَیت ایل اور دان میں تھے کنارہ کشی نہ کی۔ 30 اور خُداوند نے یاہُو سے کہا چُونکہ تُو نے یہ نیکی کی ہے کہ جو کُچھ میری نظر میں بھلا تھا اُسے انجام دِیا ہے اور اخیاؔب کے گھرانے سے میری مرضی کے مُطابِق برتاؤ کِیا ہے اِس لِئے تیرے بیٹے چَوتھی پُشت تک اِسرائیلؔ کے تخت پر بَیٹھیں گے۔ 31 پر یاہُو نے خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا کی شرِیعت پر اپنے سارے دِل سے چلنے کی فِکر نہ کی۔ وہ یرُبعاؔم کے گُناہوں سے جِن سے اُس نے اِسرائیلؔ سے گُناہ کرایا الگ نہ ہُؤا۔
یاہُو کی وفات
32 اُن دِنوں خُداوند اِسرائیلؔ کو گھٹانے لگا اور حزائیل نے اُن کو اِسرائیلؔ کی سب سرحدّوں میں مارا۔ 33 یعنی یَردؔن سے لے کر مشرِق کی طرف جِلعاد کے سارے مُلک میں اور جدّیوں اور رُوبینِیوں اور منسّیوں کو عروعیر سے جو وادیِ ارنُوؔن میں ہے یعنی جِلعاد اور بسن کو بھی۔
34 اور یاہُو کے باقی کام اور سب جو اُس نے کِیا اور اُس کی ساری قُوّت کا بیان سو کیا وہ اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟ 35 اور یاہُو اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا اور اُنہوں نے اُسے سامرِؔیہ میں دفن کِیا اور اُس کا بیٹا یہُوآؔخز اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔ 36 اور وہ عرصہ جِس میں یاہُو نے سامرِؔیہ میں بنی اِسرائیل پر سلطنت کی اٹھائِیس برس کا تھا۔
یہُوداؔہ کی مَلِکہ عتلیاہ
1 جب اخزیاؔہ کی ماں عتلیاؔہ نے دیکھا کہ اُس کا بیٹا مَر گیا تب اُس نے اُٹھ کر بادشاہ کی ساری نسل کو نابُود کِیا۔ 2 پر یُوراؔم بادشاہ کی بیٹی یہُوسبع نے جو اخزیاؔہ کی بہن تھی اخزیاؔہ کے بیٹے یُوآؔس کو لِیا اور اُسے اُن شہزادوں سے جو قتل ہُوئے چُپکے سے جُدا کِیا اور اُسے اُس کی دَدَا سمیت بِستروں کی کوٹھری میں کر دِیا اور اُنہوں نے اُسے عتلیاؔہ سے چِھپائے رکھّا۔ وہ مارا نہ گیا۔ 3 اور وہ اُس کے ساتھ خُداوند کے گھر میں چھ برس تک چِھپا رہا اور عتلیاؔہ مُلک میں سلطنت کرتی رہی۔
4 اور ساتویں برس یہویدؔع نے کارِیوں اور پہرے والوں کو سَو سَو کے سرداروں کو بُلا بھیجا اور اُن کو خُداوند کے گھر میں اپنے پاس لا کر اُن سے عہد و پَیمان کِیا اور خُداوند کے گھر میں اُن کو قَسم کِھلائی اور بادشاہ کے بیٹے کو اُن کو دِکھایا۔ 5 اور اُس نے اُن کو یہ حُکم دِیا کہ تُم یہ کام کرنا کہ تُم جو سبت کو یہاں آتے ہو سو تُم میں سے ایک تِہائی آدمی بادشاہ کے قصر کے پہرے پر رہیں۔ 6 اور ایک تِہائی صُور نام پھاٹک پر رہیں اور ایک تِہائی اُس پھاٹک پر ہوں جو پہرے والوں کے پِیچھے ہے۔ یُوں تُم محلّ کی نِگہبانی کرنا اور لوگوں کو روکے رہنا۔ 7 اور تُمہارے دو جتھے یعنی سب جو سبت کے دِن باہر نِکلتے ہیں وہ بادشاہ کے آس پاس ہو کر خُداوند کے گھر کی نِگہبانی کریں۔ 8 اور تُم اپنے اپنے ہتھیار ہاتھ میں لِئے ہُوئے بادشاہ کو چاروں طرف سے گھیرے رہنا اور جو کوئی صفوں کے اندر چلا آئے وہ قتل کر دِیا جائے اور تُم بادشاہ کے باہر جاتے اور اندر آتے وقت اُس کے ساتھ ساتھ رہنا۔
9 چُنانچہ سَو سَو کے سرداروں نے جَیسا یہویدؔع کاہِن نے اُن کو حُکم دِیا تھا وَیسا ہی سب کُچھ کِیا اور اُن میں سے ہر ایک نے اپنے آدمِیوں کو جِن کی سبت کے دِن اندر آنے کی باری تھی مع اُن لوگوں کے جِن کی سبت کے دِن باہر نِکلنے کی باری تھی لِیا اور یہویدؔع کاہِن کے پاس آئے۔ 10 اور کاہِن نے داؤُد بادشاہ کی برچِھیاں اور سِپریں جو خُداوند کے گھر میں تِھیں سَو سَو کے سرداروں کو دِیں۔ 11 اور پہرے والے اپنے اپنے ہتھیار ہاتھ میں لِئے ہُوئے ہَیکل کے دہنے پہلُو سے لے کر بائیں پہلُو تک مذبح اور ہَیکل کے برابر برابر بادشاہ کے گِرداگِرد کھڑے ہو گئے۔ 12 پِھر اُس نے شہزادہ کو باہر لا کر اُس پر تاج رکھّا اور شہادت نامہ اُسے دِیا اور اُنہوں نے اُسے بادشاہ بنایا اور اُسے مَسح کِیا اور اُنہوں نے تالِیاں بجائِیں اور کہا بادشاہ جِیتا رہے۔
13 جب عتلیاؔہ نے پہرے والوں اور لوگوں کا غُل سُنا تو وہ اُن لوگوں کے پاس خُداوند کی ہَیکل میں گئی۔ 14 اور دیکھا کہ بادشاہ دستُور کے مُطابِق سُتُون کے قرِیب کھڑا ہے اور اُس کے پاس ہی سردار اور نرسِنگے ہیں اور مُملکت کے سب لوگ خُوش ہیں اور نرسِنگے پُھونک رہے ہیں۔ تب عتلیاؔہ نے اپنے کپڑے پھاڑے اور چِلاّئی غدر ہے غدر!
15 تب یہویدؔع کاہِن نے سَو سَو کے سرداروں کو جو لشکر کے اُوپر تھے یہ حُکم دِیا کہ اُس کو صفوں کے بِیچ کر کے باہر نِکال لے جاؤ اور جو کوئی اُس کے پِیچھے چلے اُس کو تلوار سے قتل کر دو کیونکہ کاہِن نے کہا کہ وہ خُداوند کے گھر کے اندر قتل نہ کی جائے۔ 16 تب اُنہوں نے اُس کے لِئے راستہ چھوڑ دِیا اور وہ اُس راہ سے گئی جِس سے گھوڑے بادشاہ کے قصر میں داخِل ہوتے تھے اور وہِیں قتل ہُوئی۔
یہویدع کی اصلاحات
17 اور یہویدؔع نے خُداوند کے اور بادشاہ اور لوگوں کے درمیان ایک عہد باندھا تاکہ وہ خُداوند کے لوگ ہوں اور بادشاہ اور لوگوں کے درمِیان بھی عہد باندھا۔ 18 اور مُملکت کے سب لوگ بعل کے مندِر میں گئے اور اُسے ڈھایا اور اُنہوں نے اُس کے مذبحوں اور مُورتوں کو بِالکُل چکنا چُور کِیا اور بعل کے پُجاری متّان کو مذبحوں کے سامنے قتل کِیا
اور کاہِن نے خُداوند کے گھر کے لِئے سرداروں کو مُقرّر کِیا۔ 19 اور اُس نے سَو سَو کے سرداروں اور کارِیوں اور پہرے والوں اور اہلِ مُملکت کو لِیا اور وہ بادشاہ کو خُداوند کے گھر سے اُتار لائے اور پہرے والوں کے پھاٹک کی راہ سے بادشاہ کے قصر میں آئے اور اُس نے بادشاہوں کے تخت پر جلُوس فرمایا۔ 20 اور مُملکت کے سب لوگ خُوش ہُوئے اور شہر میں امن ہو گیا اور اُنہوں نے عتلیاؔہ کو بادشاہ کے قصر کے پاس تلوار سے قتل کِیا۔
21 اور جب یہُوآؔس سلطنت کرنے لگا تو سات برس کا تھا۔
یہُوداؔہ کا بادشاہ یُہوآس (یُوآس)
1 اور یاہُو کے ساتویں برس یہُوآؔس بادشاہ ہُؤا اور اُس نے یروشلیِم میں چالِیس برس سلطنت کی۔ اُس کی ماں کا نام ضِبیاؔہ تھا جو بیرسبع کی تھی۔ 2 اور یہُوآؔس نے اِس تمام عرصہ میں جب تک یہویدؔع کاہِن اُس کی تعلِیم و تربِیّت کرتا رہا وُہی کام کِیا جو خُداوند کی نظر میں ٹِھیک تھا۔ 3 تَو بھی اُونچے مقام ڈھائے نہ گئے اور لوگ ہنُوز اُونچے مقاموں پر قُربانی کرتے اور بخُور جلاتے تھے۔
4 اور یہُوآؔس نے کاہِنوں سے کہا کہ مُقدّس کی ہُوئی چِیزوں کی سب نقدی جو رائج سِکّہ میں خُداوند کے گھر میں پُہنچائی جاتی ہے یعنی اُن لوگوں کی نقدی جِن کے لِئے ہر شخص کی حَیثِیّت کے مُطابِق اندازہ لگایا جاتا ہے اور وہ سب نقدی جو ہر ایک اپنی خُوشی سے خُداوند کے گھر میں لاتا ہے۔ 5 اِس سب کو کاہِن اپنے اپنے جان پہچان سے لے کر اپنے پاس رکھ لیں اور ہَیکل کی دراڑوں کی جہاں کہِیں کوئی دراڑ مِلے مرمّت کریں۔
6 لیکن یہُوآؔس کے تیئِیسویں سال تک کاہِنوں نے ہَیکل کی دراڑوں کی مرمّت نہ کی۔ 7 تب یہُوآؔس بادشاہ نے یہوؔیدع کاہِن کو اور اَور کاہِنوں کو بُلا کر اُن سے کہا کہ تُم ہَیکل کی دراڑوں کی مرمّت کیوں نہیں کرتے؟ سو اب اپنے اپنے جان پہچان سے نقدی نہ لینا بلکہ اِس کو ہَیکل کی دراڑوں کے لِئے حوالہ کرو۔ 8 سو کاہِنوں نے منظُور کر لِیا کہ نہ تو لوگوں سے نقدی لیں اور نہ ہَیکل کی دراڑوں کی مرمّت کریں۔
9 تب یہویدؔع کاہِن نے ایک صندُوق لے کر اُس کے سرپوش میں ایک سُوراخ کِیا اور اُسے مذبح کے پاس رکھّا اَیسا کہ خُداوند کی ہَیکل میں داخِل ہوتے وقت وہ دہنی طرف پڑتا تھا اور جو کاہِن دروازہ کے نِگہبان تھے وہ سب نقدی جو خُداوند کے گھر میں لائی جاتی تھی اُسی میں ڈال دیتے تھے۔ 10 اور جب وہ دیکھتے تھے کہ صندُوق میں بُہت نقدی ہو گئی ہے تو بادشاہ کا مُنشی اور سردار کاہِن اُوپر آ کر اُسے تَھیلِیوں میں باندھتے تھے اور اُس نقدی کو جو خُداوند کے گھر میں مِلتی تھی گِن لیتے تھے۔ 11 اور وہ اُس نقدی کو جو تول لی جاتی تھی اُن کے ہاتھوں میں سَونپ دیتے تھے جو کام کرنے والے یعنی خُداوند کی ہَیکل کے ناظِر تھے اور وہ اُسے بڑَھیوں اور مِعماروں پر جو خُداوند کے گھر کا کام بناتے تھے۔ 12 اور راجوں اور سنگ تراشوں پر اور خُداوند کی ہَیکل کی دراڑوں کی مرمّت کے لِئے لکڑی اور تراشے ہُوئے پتّھر خرِیدنے میں اور اُن سب چِیزوں پر جو ہَیکل کی مرمّت کے لِئے اِستعمال میں آتی تِھیں خرچ کرتے تھے۔ 13 لیکن جو نقدی خُداوند کی ہَیکل میں لائی جاتی تھی اُس سے خُداوند کی ہَیکل کے لِئے چاندی کے پِیالے یا گُلگِیر یا دیگچے یا نرسِنگے یعنی سونے کے برتن یا چاندی کے برتن نہ بنائے گئے۔ 14 کیونکہ یہ نقدی کارِیگروں کو دی جاتی تھی اور اِسی سے اُنہوں نے خُداوند کی ہَیکل کی مرمّت کی۔ 15 ماسِوا اِس کے جِن لوگوں کے ہاتھ وہ اِس نقدی کو سپُرد کرتے تھے تاکہ وہ اُسے کارِیگروں کو دیں اُن سے وہ اُس کا کُچھ حِساب نہیں لیتے تھے اِس لِئے کہ وہ دِیانت سے کام کرتے تھے۔ 16 اور جُرم کی قُربانی کی نقدی اور خطا کی قُربانی کی نقدی خُداوند کی ہَیکل میں نہیں لائی جاتی تھی۔ وہ کاہِنوں کی تھی۔
17 تب شاہِ اراؔم حزاؔئیل نے چڑھائی کی اور جات سے لڑ کر اُسے لے لِیا۔ پِھر حزاؔئیل نے یروشلیِم کا رُخ کِیا تاکہ اُس پر چڑھائی کرے۔ 18 تب شاہِ یہُوداؔہ یہُوآؔس نے سب مُقدّس چِیزیں جِن کو اُس کے باپ دادا یہُوسفط اور یہُوراؔم اور اخزیاؔہ یہُوداؔہ کے بادشاہوں نے نذر کِیا تھا اور اپنی سب مُقدّس چِیزوں کو اور سب سونا جو خُداوند کی ہَیکل کے خزانوں اور بادشاہ کے قصر میں مِلا لے کر شاہِ ارام حزاؔئیل کو بھیج دِیا۔ تب وہ یروشلیِم سے ٹلا۔
19 اور یُوآؔس کے باقی کام اور سب کُچھ جو اُس نے کِیا سو کیا وہ یہُوداؔہ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟
20 اور اُس کے خادِموں نے اُٹھ کر سازِش کی اور یُوآؔس کو مِلّو کے محلّ میں جو سِلاّ کی اُترائی پر ہے قتل کِیا۔ 21 یعنی اُس کے خادِموں یُوسکا ربِن سماعت اور یہُوزبد بِن شُو مِیر نے اُسے مارا اور وہ مَر گیا اور اُنہوں نے اُسے اُس کے باپ دادا کے ساتھ داؤُد کے شہر میں دفن کِیا اور اُس کا بیٹا امصِیاؔہ اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔
اِسرائیل کا بادشاہ یُہوآخز
1 اور شاہِ یہُوداؔہ اخزیاؔہ کے بیٹے یُوآؔس کے تیئِیسویں برس سے یاہُو کا بیٹا یہُوآؔخز سامرِؔیہ میں اِسرائیلؔ پر سلطنت کرنے لگا اور اُس نے سترہ برس سلطنت کی۔ 2 اور اُس نے خُداوند کی نظر میں بدی کی اور نباط کے بیٹے یرُبعاؔم کے گُناہوں کی پَیروی کی جِن سے اُس نے بنی اِسرائیل سے گُناہ کرایا۔ اُس نے اُن سے کنارہ نہ کِیا۔ 3 اور خُداوند کا غُصّہ بنی اِسرائیل پر بھڑکا اور اُس نے اُن کو بار بار شاہِ اراؔم حزاؔئیل اور حزاؔئیل کے بیٹے بِن ہدد کے قابُو میں کر دِیا۔ 4 اور یہُوآؔخز خُداوند کے حضُور گِڑگِڑایا اور خُداوند نے اُس کی سُنی کیونکہ اُس نے اِسرائیلؔ کی مظلُومی کو دیکھا کہ اراؔم کا بادشاہ اُن پر کَیسا ظُلم کرتا ہے۔ 5 (اور خُداوند نے بنی اِسرائیل کو ایک نجات دینے والا عِنایت کِیا۔ سو وہ ارامیوں کے ہاتھ سے نِکل گئے اور بنی اِسرائیل پہلے کی طرح اپنے ڈیروں میں رہنے لگے۔ 6 تَو بھی اُنہوں نے یرُبعاؔم کے گھرانے کے گُناہوں سے جِن سے اُس نے بنی اِسرائیل سے گُناہ کرایا کنارہ کشی نہ کی بلکہ اُن ہی پر چلتے رہے اور یسِیرت بھی سامرِؔیہ میں رہی)۔
7 اور اُس نے یہُوآؔخز کے لِئے لوگوں میں سے صِرف پچاس سوار اور دس رتھ اور دس ہزار پِیادے چھوڑے اِس لِئے کہ اراؔم کے بادشاہ نے اُن کو تباہ کر ڈالا اور رَوند رَوند کر خاک کی مانِند کر دِیا۔
8 اور یہُوآؔخز کے باقی کام اور سب کُچھ جو اُس نے کِیا اور اُس کی قُوّت سو کیا وہ اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟ 9 اور یہُوآؔخز اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا اور اُنہوں نے اُسے سامرؔیہ میں دفن کِیا اور اُس کا بیٹا یہُوآؔس اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔
اِسرائیل کا بادشاہ یُوآس
10 اور شاہِ یہُوداؔہ یُوآؔس کے سَینتِیسویں برس یہُوآؔخز کا بیٹا یہُوآؔس سامرِؔیہ میں اِسرائیلؔ پر سلطنت کرنے لگا اور اُس نے سولہ برس سلطنت کی۔ 11 اور اُس نے خُداوند کی نظر میں بدی کی اور نباط کے بیٹے یرُبعاؔم کے گُناہوں سے جِن سے اُس نے اِسرائیلؔ سے گُناہ کرایا باز نہ آیا بلکہ اُن ہی پر چلتا رہا۔ 12 اور یہُوآؔس کے باقی کام اور سب کُچھ جو اُس نے کِیا اور اُس کی قُوّت جِس سے وہ شاہِ یہُوداؔہ امصِیاؔہ سے لڑا سو کیا وہ اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟ 13 اور یہُوآؔس اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا اور یرُبعاؔم اُس کے تخت پر بَیٹھا اور یہُوآؔس سامرِؔیہ میں اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کے ساتھ دفن ہُؤا۔
الیشِع کی وفات
14 اور الِیشع کو وہ مرض لگا جِس سے وہ مَر گیا اور شاہِ اِسرائیلؔ یہُوآؔس اُس کے پاس گیا اور اُس کے اُوپر رو کر کہنے لگا اَے میرے باپ! اَے میرے باپ! اِسرائیلؔ کے رتھ اور اُس کے سوار!
15 اور الِیشع نے اُس سے کہا تِیر و کمان لے لے۔ سو اُس نے اپنے لِئے تِیر و کمان لے لِیا۔ 16 پِھر اُس نے شاہِ اِسرائیلؔ سے کہا کمان پر اپنا ہاتھ رکھ۔ سو اُس نے اپنا ہاتھ اُس پر رکھّا اور الِیشع نے بادشاہ کے ہاتھوں پر اپنے ہاتھ رکھّے۔ 17 اور کہا مشرِق کی طرف کی کِھڑکی کھول۔ سو اُس نے اُسے کھولا۔ تب الِیشع نے کہا کہ تِیر چلا۔ سو اُس نے چلایا۔ تب وہ کہنے لگا یہ فتح کا تِیر خُداوند کا یعنی اراؔم پر فتح پانے کا تِیر ہے کیونکہ تُو افِیق میں ارامیوں کو مارے گا یہاں تک کہ اُن کو نابُود کر دے گا۔
18 پِھر اُس نے کہا تِیروں کو لے۔ سو اُس نے اُن کو لِیا۔ پِھر اُس نے شاہِ اِسرائیلؔ سے کہا زمِین پر مار۔ سو اُس نے تِین بار مارا اور ٹھہر گیا۔ 19 تب مَردِ خُدا اُس پر غُصّہ ہُؤا اور کہنے لگا کہ تُجھے پانچ یا چھ بار مارنا چاہِئے تھا۔ تب تُو ارامیوں کو اِتنا مارتا کہ اُن کو نابُود کر دیتا پر اب تُو ارامیوں کو فقط تِین بار مارے گا۔
20 اور الِیشع نے وفات پائی اور اُنہوں نے اُسے دفن کِیا
اور نئے سال کے شرُوع میں موآب کے جتھے مُلک میں گُھس آئے۔ 21 اور اَیسا ہُؤا کہ جب وہ ایک آدمی کو دفن کر رہے تھے تو اُن کو ایک جتھا نظر آیا۔ سو اُنہوں نے اُس شخص کو الِیشع کی قبر میں ڈال دِیا اور وہ شخص الِیشع کی ہڈّیوں سے ٹکراتے ہی جی اُٹھا اور اپنے پاؤں پر کھڑا ہو گیا۔
اِسرائیل اور ارام کے درمیان جنگ
22 اور شاہِ اراؔم حزاؔئیل یہُوآؔخز کے عہد میں برابر اِسرائیلؔ کو ستاتا رہا۔ 23 اور خُداوند اُن پر مِہربان ہُؤا اور اُس نے اُن پر ترس کھایا اور اُس عہد کے سبب سے جو اُس نے ابرہامؔ اور اِضحاقؔ اور یعقُوب سے باندھا تھا اُن کی طرف اِلتِفات کی اور نہ چاہا کہ اُن کو ہلاک کرے اور اب بھی اُن کو اپنے حضُور سے دُور نہ کِیا۔
24 اور شاہِ اراؔم حزاؔئیل مَر گیا اور اُس کا بیٹا بِن ہدد اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔ 25 اور یہُوآؔخز کے بیٹے یہُوآؔس نے حزاؔئیل کے بیٹے بِن ہدد کے ہاتھ سے وہ شہر چِھین لِئے جو اُس نے اُس کے باپ یہُوآؔخز کے ہاتھ سے جنگ کر کے لے لِئے تھے۔ تِین بار یہُوآؔس نے اُسے شِکست دی اور اِسرائیلؔ کے شہروں کو واپس لے لِیا۔
یہُوداؔہ کا بادشاہ امصِیاہ
1 اور شاہِ اِسرائیلؔ یہُوآؔخز کے بیٹے یہُوآؔس کے دُوسرے سال سے شاہِ یہُوداؔہ یُوآؔس کا بیٹا امصِیاؔہ سلطنت کرنے لگا۔ 2 وہ پچِّیس برس کا تھا جب سلطنت کرنے لگا اور اُس نے یروشلیِم میں اُنتِیس برس سلطنت کی۔ اُس کی ماں کا نام یہُوعدّؔان تھا جو یروشلیِم کی تھی۔ 3 اور اُس نے وہ کام کِیا جو خُداوند کی نظر میں بھلا تھا تَو بھی اپنے باپ داؤُد کی مانِند نہیں بلکہ اُس نے سب کُچھ اپنے باپ یُوآؔس کی طرح کِیا۔ 4 کیونکہ اُونچے مقام ڈھائے نہ گئے۔ لوگ ہنُوز اُونچے مقاموں پر قُربانی کرتے اور بخُور جلاتے تھے۔
5 اور جب سلطنت اُس کے ہاتھ میں مُستحکم ہو گئی تو اُس نے اپنے اُن مُلازِموں کو جِنہوں نے اُس کے باپ بادشاہ کو قتل کِیا تھا جان سے مارا۔ 6 پر اُس نے اُن خُونِیوں کے بچّوں کو جان سے نہ مارا کیونکہ مُوسیٰ کی شرِیعت کی کِتاب میں جَیسا خُداوند نے فرمایا لِکھا ہے کہ بیٹوں کے بدلے باپ نہ مارے جائیں اور نہ باپ کے بدلے بیٹے مارے جائیں بلکہ ہر شخص اپنے ہی گُناہ کے سبب سے مَرے۔
7 اور اُس نے وادیِ شور میں دس ہزار ادُومی مارے اور سِلع کو جنگ کر کے لے لِیا اور اُس کا نام یُقِتیل رکھّا جو آج تک ہے۔
8 تب امصِیاؔہ نے شاہِ اِسرائیلؔ یہُوآؔس بِن یہُوآؔخز بِن یاہُو کے پاس قاصِد روانہ کِئے اور کہلا بھیجا کہ ذرا آ تو ہم ایک دُوسرے کا مُقابلہ کریں۔ 9 اور شاہِ اِسرائیلؔ یہُوآؔس نے شاہِ یہُوداؔہ امصِیاؔہ کو کہلا بھیجا کہ لُبناؔن کے اُونٹ کٹارے نے لُبناؔن کے دیودار کو پَیغام بھیجا کہ اپنی بیٹی میرے بیٹے سے بیاہ دے۔ اِتنے میں ایک جنگلی جانور جو لُبناؔن میں تھا گُذرا اور اُونٹ کٹارے کو رَوند ڈالا۔ 10 تُو نے بے شک ادُوؔم کو مارا اور تیرے دِل میں غرُور سما گیا ہے۔ سو اُسی کی ڈِینگ مار اور گھر ہی میں رہ۔ تُو کیوں نُقصان اُٹھانے کو چھیڑ چھاڑ کرتا ہے جِس سے تُو بھی زک اُٹھائے اور تیرے ساتھ یہُوداؔہ بھی؟
11 پر امصِیاؔہ نے نہ مانا۔ تب شاہِ اِسرائیلؔ یہُوآس نے چڑھائی کی اور وہ اور شاہِ یہُوداؔہ امصِیاؔہ بَیت شمس میں جو یہُوداؔہ میں ہے ایک دُوسرے کے مُقابِل ہُوئے۔ 12 اور یہُوداؔہ نے اِسرائیلؔ کے آگے شِکست کھائی اور اُن میں سے ہر ایک اپنے ڈیرے کو بھاگا۔ 13 لیکن شاہِ اِسرائیلؔ یہُوآؔس نے شاہِ یہُوداؔہ امصِیاؔہ بِن یہُوآؔس بِن اخزیاؔہ کو بَیت شمس میں پکڑ لِیا اور یروشلیِم میں آیا اور یروشلیِم کی دِیوار اِفراؔئِیم کے پھاٹک سے کونے والے پھاٹک تک چار سَو ہاتھ کے برابر ڈھا دی۔ 14 اور اُس نے سب سونے اور چاندی کو اور سب برتنوں کو جو خُداوند کی ہَیکل اور شاہی محلّ کے خزانوں میں مِلے اور کفِیلوں کو بھی ساتھ لِیا اور سامرِؔیہ کو لَوٹا۔
15 اور یہُوآؔس کے باقی کام جو اُس نے کِئے اور اُس کی قُوّت اور جَیسے شاہِ یہُوداؔہ امصِیاؔہ سے لڑا سو کیا وہ اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟ 16 اور یہُوآؔس اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا اور اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کے ساتھ سامرِؔیہ میں دفن ہُؤا اور اُس کا بیٹا یرُبعاؔم اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔
یہُوداؔہ کے بادشاہ امصِیاہ کی وفات
17 اور شاہِ یہُوداؔہ یُوآؔس کا بیٹا امصِیاؔہ شاہِ اِسرائیلؔ یہُوآؔخز کے بیٹے یہُوآؔس کے مَرنے کے بعد پندرہ برس جِیتا رہا۔ 18 اور امصِیاؔہ کے باقی کام سو کیا وہ یہُوداؔہ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟
19 اور اُنہوں نے یروشلیِم میں اُس کے خِلاف سازِش کی سو وہ لکِیس کو بھاگا لیکن اُنہوں نے لکِیس تک اُس کا پِیچھا کر کے وہِیں اُسے قتل کِیا۔ 20 اور وہ اُسے گھوڑوں پر لے آئے اور وہ یروشلیِم میں اپنے باپ دادا کے ساتھ داؤُد کے شہر میں دفن ہُؤا۔ 21 اور یہُوداؔہ کے سب لوگوں نے عزرؔیاہ کو جو سولہ برس کا تھا اُس کے باپ امصِیاؔہ کی جگہ بادشاہ بنایا۔ 22 اور بادشاہ کے اپنے باپ دادا کے ساتھ سو جانے کے بعد اُس نے ایلاؔت کو بنایا اور اُسے پِھر یہُوداؔہ کی مُملکت میں داخِل کر لِیا۔
اِسرائیل کا بادشاہ یُربعام دوم
23 اور شاہِ یہُوداؔہ یُوآؔس کے بیٹے امصِیاؔہ کے پندرھویں برس سے شاہِ اِسرائیلؔ یہُوآؔس کا بیٹا یرُبعاؔم سامرِیہ میں بادشاہی کرنے لگا۔ اُس نے اِکتالِیس برس بادشاہی کی۔ 24 اور اُس نے خُداوند کی نظر میں بدی کی۔ وہ نباط کے بیٹے یرُبعاؔم کے اُن سب گُناہوں سے جِن سے اُس نے اِسرائیلؔ سے گُناہ کرایا باز نہ آیا۔ 25 اور اُس نے خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا کے اُس سُخن کے مُطابِق جو اُس نے اپنے بندہ اور نبی یُوؔناہ بِن امِتَّی کی معرفت جو جات حِفر کا تھا فرمایا تھا اِسرائیلؔ کی حدّ کو حَمات کے مدخل سے مَیدان کے دریا تک پِھر پُہنچا دِیا۔
26 اِس لِئے کہ خُداوند نے اِسرائیلؔ کے دُکھ کو دیکھا کہ وہ بُہت سخت ہے کیونکہ نہ تو کوئی بند کِیا ہُؤا نہ آزاد چُھوٹا ہُؤا رہا اور نہ کوئی اِسرائیلؔ کا مددگار تھا۔ 27 اور خُداوند نے یہ تو نہیں فرمایا تھا کہ مَیں رُویِ زمِین پر سے اِسرائیلؔ کا نام مِٹا دُوں گا۔ سو اُس نے اُن کو یہُوآؔس کے بیٹے یرُبعاؔم کے وسِیلہ سے رہائی دی۔
28 اور یرُبعاؔم کے باقی کام اور سب کُچھ جو اُس نے کِیا اور اُس کی قُوّت یعنی کیونکر اُس نے لڑ کر دمشق اور حمات کو جو یہُوداؔہ کے تھے اِسرائیلؔ کے لِئے واپس لے لِیا۔ سو کیا وہ اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟ 29 اور یرُبعاؔم اپنے باپ دادا یعنی اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کے ساتھ سو گیا اور اُس کا بیٹا زکریاؔہ اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔
یہُوداؔہ کا بادشاہ عُزّریاہ (عُزیاہ)
1 شاہِ اِسرائیلؔ یرُبعاؔم کے ستائِیسویں برس سے شاہِ یہُوداؔہ امصِیاؔہ کا بیٹا عزریاؔہ سلطنت کرنے لگا۔ 2 جب وہ سلطنت کرنے لگا تو سولہ برس کا تھا اور اُس نے یروشلیِم میں باون برس سلطنت کی۔ اُس کی ماں کا نام یکُولیاؔہ تھا جو یروشلیِم کی تھی۔ 3 اور اُس نے جَیسا اُس کے باپ امصِیاؔہ نے کِیا تھا ٹِھیک اُسی طرح وہ کام کِیا جو خُداوند کی نظر میں بھلا تھا۔ 4 تَو بھی اُونچے مقام ڈھائے نہ گئے اور لوگ اب تک اُونچے مقاموں پر قُربانی کرتے اور بخُور جلاتے تھے۔ 5 اور بادشاہ پر خُداوند کی اَیسی مار پڑی کہ وہ اپنے مرنے کے دِن تک کوڑھی رہا اور الگ ایک گھر میں رہتا تھا اور بادشاہ کا بیٹا یُوتاؔم محلّ کا مالِک تھا اور مُلک کے لوگوں کی عدالت کِیا کرتا تھا۔
6 اور عزرؔیاہ کے باقی کام اور سب کُچھ جو اُس نے کِیا سو کیا وہ یہُوداؔہ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟ 7 اور عزرؔیاہ اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا اور اُنہوں نے اُسے داؤُد کے شہر میں اُس کے باپ دادا کے ساتھ دفن کِیا اور اُس کا بیٹا یُوتام اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔
اِسرائیل کا بادشاہ زکریاہ
8 اور شاہِ یہُوداؔہ عزرؔیاہ کے اڑتِیسویں سال یرُبعاؔم کے بیٹے زکرؔیاہ نے اِسرائیلؔ پر سامرِؔیہ میں چھ مہِینے بادشاہی کی۔ 9 اور اُس نے خُداوند کی نظر میں بدی کی جِس طرح اُس کے باپ دادا نے کی تھی اور نباط کے بیٹے یرُبعاؔم کے گُناہوں سے جِن سے اُس نے اِسرائیلؔ سے گُناہ کرایا باز نہ آیا۔ 10 اور یبِیس کے بیٹے سلُوم نے اُس کے خِلاف سازِش کی اور لوگوں کے سامنے اُسے مارا اور قتل کِیا اور اُس کی جگہ بادشاہ ہو گیا۔
11 اور زکرؔیاہ کے باقی کام اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند ہیں۔
12 اور خُداوند کا وہ وعدہ جو اُس نے یاہُو سے کِیا یِہی تھا کہ چَوتھی پُشت تک تیرے فرزند اِسرائیلؔ کے تخت پر بَیٹھیں گے۔ سو وَیسا ہی ہُؤا۔
اِسرائیل کا بادشاہ سلُوم
13 اور شاہِ یہُوداؔہ عُزّیاہ کے اُنتالِیسویں برس یبِیس کا بیٹا سلُوم بادشاہی کرنے لگا اور اُس نے سامرِؔیہ میں مہِینہ بھر سلطنت کی۔
14 اور جادؔی کا بیٹا مناحِم تِرضہ سے چلا اور سامرِؔیہ میں آیا اور یبِیس کے بیٹے سلُوم کو سامرِؔیہ میں مارا اور قتل کِیا اور اُس کی جگہ بادشاہ ہو گیا۔ 15 اور سلُوم کے باقی کام اور جو سازِش اُس نے کی سو دیکھو وہ اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند ہیں۔ 16 پِھر مناحِم نے تِرضہ سے جا کر تِفسح کو اور اُن سبھوں کو جو وہاں تھے اور اُس کی حدُود کو مارا اور مارنے کا سبب یہ تھا کہ اُنہوں نے اُس کے لِئے پھاٹک نہیں کھولے تھے اور اُس نے وہاں کی سب حامِلہ عَورتوں کو چِیر ڈالا۔
اِسرائیل کا بادشاہ مناحِم
17 اور شاہِ یہُوداؔہ عزرؔیاہ کے اُنتالِیسویں برس سے جادؔی کا بیٹا مناحِم اِسرائیلؔ پر سلطنت کرنے لگا اور اُس نے سامرِؔیہ میں دس برس سلطنت کی۔ 18 اور اُس نے خُداوند کی نظر میں بدی کی اور نباط کے بیٹے یرُبعاؔم کے گُناہوں سے جِن سے اُس نے اِسرائیلؔ سے گُناہ کرایا اپنی ساری عُمر باز نہ آیا۔ 19 اور شاہِ اسُور پُول اُس کے مُلک پر چڑھ آیا۔ سو مناحِم نے ہزار قِنطار چاندی پُول کو نذر کی تاکہ وہ اُس کی دست گِیری کرے اور سلطنت کو اُس کے ہاتھ میں مُستحکم کر دے۔ 20 اور مناحِم نے یہ نقدی شاہِ اسُور کو دینے کے لِئے اِسرائیلؔ سے یعنی سب بڑے بڑے دَولت مندوں سے پچاس پچاس مِثقال فی کس کے حِساب سے جبراً لی۔ سو اسُور کا بادشاہ لَوٹ گیا اور اُس مُلک میں نہ ٹھہرا۔
21 اور مناحِم کے باقی کام اور سب کُچھ جو اُس نے کِیا سو کیا وہ اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟ 22 اور مناحِم اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا اور اُس کا بیٹا فِقحیاؔہ اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔
اِسرائیل کا بادشاہ فِقحیاہ
23 اور شاہِ یہُوداؔہ عزریاؔہ کے پچاسویں سال مناحِم کا بیٹا فِقحیاؔہ سامرِؔیہ میں اِسرائیلؔ پر سلطنت کرنے لگا اور اُس نے دو برس سلطنت کی۔ 24 اور اُس نے خُداوند کی نظر میں بدی کی۔ وہ نباط کے بیٹے یرُبعاؔم کے گُناہوں سے جِن سے اُس نے اِسرائیلؔ سے گُناہ کرایا باز نہ آیا۔ 25 اور فِقح بِن رملیاؔہ نے جو اُس کا ایک سردار تھا اُس کے خِلاف سازِش کی اور اُس کو سامرِؔیہ میں بادشاہ کے محلّ کے مُحکم حِصّہ میں ارجُوب اور ارِیہ کے ساتھ مارا اور جِلعادیوں میں سے پچاس مَرد اُس کے ہمراہ تھے۔ سو وہ اُسے قتل کر کے اُس کی جگہ بادشاہ ہو گیا۔
26 اور فِقحیاؔہ کے باقی کام اور سب کُچھ جو اُس نے کِیا اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند ہیں۔
اِسرائیل کا بادشاہ فِقح
27 اور شاہِ یہُوداؔہ عزرؔیاہ کے باونویں برس سے فِقح بِن رملیاؔہ سامرِؔیہ میں اِسرائیلؔ پر سلطنت کرنے لگا اور اُس نے بِیس برس سلطنت کی۔ 28 اور اُس نے خُداوند کی نظر میں بدی کی اور نباط کے بیٹے یرُبعاؔم کے گُناہوں سے جِن سے اُس نے اِسرائیلؔ سے گُناہ کرایا باز نہ آیا۔
29 اور شاہِ اِسرائیلؔ فِقح کے ایّام میں شاہِ اسُور تِگلت پِلاسر نے آ کر ایُّوؔن اور ابِیل بَیت معکہ اور ینُوحہَ اور قادِؔس اور حصُور اور جِلعاد اور گلِیل اور نفتالی کے سارے مُلک کو لے لِیا اور لوگوں کو اسِیر کر کے اسُور میں لے گیا۔
30 اور ہُوسِیع بِن اَیلہ نے فِقح بِن رملیاؔہ کے خِلاف سازِش کی اور اُسے مارا اور قتل کِیا اور اُس کی جگہ عُزّیاہ کے بیٹے یُوتام کے بِیسویں برس بادشاہ ہو گیا۔ 31 اور فِقح کے باقی کام اور سب کُچھ جو اُس نے کِیا اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند ہیں۔
یہُوداؔہ کا بادشاہ یُوتام
32 اور شاہِ اِسرائیلؔ رملیاؔہ کے بیٹے فِقح کے دُوسرے سال سے شاہِ یہُوداؔہ عُزّیاہ کا بیٹا یُوتام سلطنت کرنے لگا۔ 33 اور جب وہ سلطنت کرنے لگا تو پچِّیس برس کا تھا۔ اُس نے سولہ برس یروشلیِم میں سلطنت کی اور اُس کی ماں کا نام یرُوؔسا تھا جو صدُوؔق کی بیٹی تھی۔ 34 اور اُس نے وہ کام کِیا جو خُداوند کی نظر میں بھلا ہے۔ اُس نے سب کُچھ ٹِھیک وَیسے ہی کِیا جَیسے اُس کے باپ عُزّیاہ نے کِیا تھا۔ 35 تَو بھی اُونچے مقام ڈھائے نہ گئے۔ لوگ ہنُوز اُونچے مقاموں پر قُربانی کرتے اور بخُور جلاتے تھے۔ خُداوند کے گھر کا بالائی دروازہ اِسی نے بنایا۔
36 اور یُوتام کے باقی کام اور سب کُچھ جو اُس نے کِیا سو کیا وہ یہُوداؔہ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟ 37 اُن ہی دِنوں میں خُداوند شاہِ اراؔم رضِین کو اور فِقح بِن رملیاؔہ کو یہُوداؔہ پر چڑھائی کرنے کے لِئے بھیجنے لگا۔ 38 اور یُوتام اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا اور اپنے باپ داؤُد کے شہر میں اپنے باپ دادا کے ساتھ دفن ہُؤا اور اُس کا بیٹا آخز اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔
یہُوداؔہ کا بادشاہ آخز
1 اور رملیاؔہ کے بیٹے فِقح کے سترھویں برس سے شاہِ یہُوداؔہ یُوتام کا بیٹا آخز سلطنت کرنے لگا۔ 2 اور جب وہ سلطنت کرنے لگا تو بِیس برس کا تھا اور اُس نے سولہ برس یروشلِیم میں بادشاہی کی اور اُس نے وہ کام نہ کِیا جو خُداوند اُس کے خُدا کی نظر میں بھلا ہے جَیسا اُس کے باپ داؤُد نے کِیا تھا۔ 3 بلکہ وہ اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کی راہ پر چلا اور اُس نے اُن قَوموں کے نفرتی دستُور کے مُطابِق جِن کو خُداوند نے بنی اِسرائیل کے سامنے سے خارِج کر دِیا تھا اپنے بیٹے کو بھی آگ میں چلوایا۔ 4 اور اُونچے مقاموں اور ٹِیلوں پر اور ہر ایک ہرے درخت کے نِیچے اُس نے قُربانی کی اور بخُور جلایا۔
5 تب شاہِ اراؔم رضِین اور شاہِ اِسرائیلؔ رملیاؔہ کے بیٹے فِقح نے لڑنے کو یروشلِیم پر چڑھائی کی اور اُنہوں نے آخز کو گھیر لِیا لیکن اُس پر غالِب نہ آ سکے۔ 6 اُس وقت شاہِ اراؔم رضِین نے اَیلات کو فتح کر کے پِھر اراؔم میں شامِل کر لِیا اور یہُودیوؔں کو اَیلات سے نِکال دِیا اور ارامی اَیلات میں آ کر وہاں بس گئے جَیسا آج تک ہے۔ 7 سو آخز نے شاہِ اسُور تِگلت پلاسر کے پاس ایلچی روانہ کِئے اور کہلا بھیجا کہ مَیں تیرا خادِم اور بیٹا ہُوں سو تُو آ اور مُجھ کو شاہِ اراؔم کے ہاتھ سے اور شاہِ اِسرائیلؔ کے ہاتھ سے جو مُجھ پر چڑھ آئے ہیں رہائی دے۔ 8 اور آخز نے اُس چاندی اور سونے کو جو خُداوند کے گھر میں اور شاہی محلّ کے خزانوں میں مِلا لے کر شاہِ اسُور کے لِئے نذرانہ بھیجا۔ 9 اور شاہِ اسُور نے اُس کی بات مانی چُنانچہ شاہِ اسُور نے دمشق پر لشکر کشی کی اور اُسے لے لِیا اور وہاں کے لوگوں کو اسِیر کر کے قِیر میں لے گیا اور رضِین کو قتل کِیا۔
10 اور آخز بادشاہ شاہِ اسُور تِگلت پلاسر کی مُلاقات کے لِئے دمشق کو گیا اور اُس مذبح کو دیکھا جو دمشق میں تھا اور آخز بادشاہ نے اُس مذبح کا نقشہ اور اُس کی ساری صنعت کا نمُونہ اُورؔیاہ کاہِن کے پاس بھیجا۔ 11 اور اُورؔیاہ کاہِن نے ٹِھیک اُسی نمُونہ کے مُطابِق جِسے آخز نے دمشق سے بھیجا تھا ایک مذبح بنایا اور آخز بادشاہ کے دمشق سے لَوٹنے تک اُورؔیاہ کاہِن نے اُسے تیّار کر دِیا۔ 12 جب بادشاہ دمشق سے لَوٹ آیا تو بادشاہ نے مذبح کو دیکھا اور بادشاہ مذبح کے پاس گیا اور اُس پر قُربانی گُذرانی۔ 13 اور اُس نے اُس مذبح پر اپنی سوختنی قُربانی اور اپنی نذر کی قُربانی جلائی اور اپنا تپاون تپایا اور اپنی سلامتی کے ذبِیحوں کا خُون اُسی مذبح پر چِھڑکا۔ 14 اور اُس نے پِیتل کا وہ مذبح جو خُداوند کے آگے تھا ہَیکل کے سامنے سے یعنی اپنے مذبح اور خُداوند کی ہَیکل کے بِیچ میں سے اُٹھوا کر اُسے اپنے مذبح کے شِمال کی طرف رکھوا دِیا۔ 15 اور آخز بادشاہ نے اُورؔیاہ کاہِن کو حُکم کِیا کہ بڑے مذبح پر صُبح کی سوختنی قُربانی اور شام کی نذر کی قُربانی اور بادشاہ کی سوختنی قُربانی اور اُس کی نذر کی قُربانی اور مُملکت کے سب لوگوں کی سوختنی قُربانی اور اُن کی نذر کی قُربانی اور اُن کا تپاون چڑھایا کر اور سوختنی قُربانی کا سارا خُون اور ذِبیحہ کا سارا خُون اُس پر چِھڑکا کر اور پِیتل کا وہ مذبح میرے سوال کرنے کے لِئے رہے گا۔ 16 سو جو کُچھ آخز بادشاہ نے فرمایا اُورؔیاہ کاہِن نے وہ سب کِیا۔
17 اور آخز بادشاہ نے کُرسیوں کے کناروں کو کاٹ ڈالا اور اُن کے اُوپر کے حَوض کو اُن سے جُدا کر دِیا اور اُس بڑے حَوض کو پِیتل کے بَیلوں پر سے جو اُس کے نِیچے تھے اُتار کر پتّھروں کے فرش پر رکھ دِیا۔ 18 اور اُس نے اُس راستہ کو جِس پر چھت تھی اور جِسے اُنہوں نے سبت کے دِن کے لِئے ہَیکل کے اندر بنایا تھا اور بادشاہ کے درآمد کے راستہ کو جو باہر تھا شاہِ اسُور کے سبب سے خُداوند کے گھر میں شامِل کر دِیا۔
19 اور آخز کے باقی کام اور سب کُچھ جو اُس نے کِیا سو کیا وہ یہُوداؔہ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب مَیں قلم بند نہیں؟ 20 اور آخز اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا اور داؤُد کے شہر میں اپنے باپ دادا کے ساتھ دفن ہُؤا اور اُس کا بیٹا حِزقیاہ اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔
اِسرائیل کا بادشاہ ہُوسِیع
1 اور شاہِ یہُوداؔہ آخز کے بارھویں برس سے اَیلہ کا بیٹا ہُوؔسِیع اِسرائیلؔ پر سامرِؔیہ میں سلطنت کرنے لگا اور اُس نے نَو برس سلطنت کی۔ 2 اور اُس نے خُداوند کی نظر میں بدی کی تَو بھی اِسرائیلؔ کے اُن بادشاہوں کی مانِند نہیں جو اُس سے پہلے ہُوئے۔ 3 اور شاہِ اسُور سلمنسر نے اِس پر چڑھائی کی اور ہُوسِیع اُس کا خادِم ہو گیا اور اُس کے لِئے ہدیہ لایا۔ 4 اور شاہِ اسُور نے ہُوسِیع کی سازِش معلُوم کر لی کیونکہ اُس نے شاہِ مِصرؔ سو کے پاس ایلچی بھیجے اور شاہِ اسُور کو ہدیہ نہ دِیا جَیسا وہ سال بسال دیتا تھا۔ سو شاہِ اسُور نے اُسے بند کر دِیا اور قَید خانہ میں اُس کے بیڑیاں ڈال دِیں۔
سقُوطِ سامرِیہ
5 اور شاہِ اسُور نے ساری مُملکت پر چڑھائی کی اور سامرِؔیہ کو جا کر تِین برس اُسے گھیرے رہا۔ 6 اور ہُوؔسِیع کے نویں برس شاہِ اسُور نے سامرِؔیہ کو لے لِیا اور اِسرائیلؔ کو اسِیر کر کے اسُور میں لے گیا اور اُن کو خلح میں اور جَوزاؔن کی ندی خابُور پر اور مادیوں کے شہروں میں بسایا۔
7 اور یہ اِس لِئے ہُؤا کہ بنی اِسرائیل نے خُداوند اپنے خُدا کے خِلاف جِس نے اُن کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال کر شاہِ مِصرؔ فرِعونؔ کے ہاتھ سے رہائی دی تھی گُناہ کِیا اور غَیر معبُودوں کا خَوف مانا۔ 8 اور اُن قَوموں کے آئِین پر جِن کو خُداوند نے بنی اِسرائیل کے آگے سے خارِج کِیا اور اِسرائیلؔ کے بادشاہوں کے آئِین پر جو اُنہوں نے خُود بنائے تھے چلتے رہے۔ 9 اور بنی اِسرائیل نے خُداوند اپنے خُدا کے خِلاف چِھپ کر وہ کام کِئے جو بھلے نہ تھے اور اُنہوں نے اپنے سب شہروں میں نِگہبانوں کے بُرج سے فصِیل دار شہر تک اپنے لِئے اُونچے مقام بنائے۔ 10 اور ہر ایک اُونچے پہاڑ پر اور ہر ایک ہرے درخت کے نِیچے اُنہوں نے اپنے لِئے سُتُونوں اور یسِیرتوں کو نصب کِیا۔ 11 اور وہِیں اُن سب اُونچے مقاموں پر اُن قَوموں کی مانِند جِن کو خُداوند نے اُن کے سامنے سے دفع کِیا بخُور جلایا اور خُداوند کو غُصّہ دِلانے کے لِئے شرارتیں کِیں۔ 12 اور بُتوں کی پرستِش کی جِس کے بارے میں خُداوند نے اُن سے کہا تھا کہ تُم یہ کام نہ کرنا۔
13 تَو بھی خُداوند سب نبِیوں اور غَیب بِینوں کی معرفت اِسرائیلؔ اور یہُوداؔہ کو آگاہ کرتا رہا کہ تُم اپنی بُری راہوں سے باز آؤ اور اُس ساری شرِیعت کے مُطابِق جِس کا حُکم مَیں نے تُمہارے باپ دادا کو دِیا اور جِسے مَیں نے اپنے بندوں نبِیوں کی معرفت تُمہارے پاس بھیجا ہے میرے احکام و آئِین کو مانو۔ 14 باوُجُود اِس کے اُنہوں نے نہ سُنا بلکہ اپنے باپ دادا کی طرح جو خُداوند اپنے خُدا پر اِیمان نہیں لائے تھے گردن کشی کی۔ 15 اور اُس کے آئِین کو اور اُس کے عہد کو جو اُس نے اُن کے باپ دادا سے باندھا تھا اور اُس کی شہادتوں کو جو اُس نے اُن کو دی تِھیں ردّ کِیا اور باطِل باتوں کے پَیرو ہو کر نِکمّے ہو گئے اور اپنے آس پاس کی قَوموں کی تقلِید کی جِن کے بارہ میں خُداوند نے اُن کو تاکِید کی تھی کہ وہ اُن کے سے کام نہ کریں۔ 16 اور اُنہوں نے خُداوند اپنے خُدا کے سب احکام ترک کر کے اپنے لِئے ڈھالی ہُوئی مُورتیں یعنی دو بچھڑے بنا لِئے اور یسِیرت تیّار کی اور آسمانی فَوج کی پرستِش کی اور بعل کو پُوجا۔ 17 اور اُنہوں نے اپنے بیٹوں اور بیٹِیوں کو آگ میں چلوایا اور فال گِیری اور جادُوگری سے کام لِیا اور اپنے کو بیچ ڈالا تاکہ خُداوند کی نظر میں بدی کر کے اُسے غُصّہ دِلائیں۔ 18 اِس لِئے خُداوند اِسرائیلؔ سے بُہت ناراض ہُؤا اور اپنی نظر سے اُن کو دُور کر دِیا۔ سو یہُوداؔہ کے قبِیلہ کے سِوا اَور کوئی نہ چُھوٹا۔
19 اور یہُوداؔہ نے بھی خُداوند اپنے خُدا کے احکام نہ مانے بلکہ اُن آئِین پر چلے جِن کو اِسرائیلؔ نے بنایا تھا۔ 20 تب خُداوند نے اِسرائیلؔ کی ساری نسل کو ردّ کِیا اور اُن کو دُکھ دِیا اور اُن کو لُٹیروں کے ہاتھ میں کر کے آخِر کار اُن کو اپنی نظر سے دُور کر دِیا۔
21 کیونکہ اُس نے اِسرائیلؔ کو داؤُد کے گھرانے سے جُدا کِیا اور اُنہوں نے نباط کے بیٹے یرُبعاؔم کو بادشاہ بنایا اور یرُبعاؔم نے اِسرائیلؔ کو خُداوند کی پَیروی سے دُور ہنکایا اور اُن سے بڑا گُناہ کرایا۔ 22 اور بنی اِسرائیل اُن سب گُناہوں کی جو یرُبعاؔم نے کِئے تقلِید کرتے رہے۔ وہ اُن سے باز نہ آئے۔ 23 یہاں تک کہ خُداوند نے اِسرائیلؔ کو اپنی نظر سے دُور کر دِیا جَیسا اُس نے اپنے سب بندوں کی معرفت جو نبی تھے فرمایا تھا۔ سو اِسرائیلؔ اپنے مُلک سے اسُور کو پُہنچایا گیا جہاں وہ آج تک ہے۔
اسُوریوں کی اِسرائیل میں آباد کاری
24 اور شاہِ اسُور نے بابل اور کُوتہ اور عوّا اور حمات اور سِفرو ائِم کے لوگوں کو لا کر بنی اِسرائیل کی جگہ سامرؔیہ کے شہروں میں بسایا۔ سو وہ سامرؔیہ کے مالِک ہُوئے اور اُس کے شہروں میں بس گئے۔ 25 اور اپنے بس جانے کے شرُوع میں اُنہوں نے خُداوند کا خَوف نہ مانا۔ اِس لِئے خُداوند نے اُن کے درمِیان شیروں کو بھیجا جِنہوں نے اُن میں سے بعض کو مار ڈالا۔ 26 پس اُنہوں نے شاہِ اسُور سے یہ کہا کہ جِن قَوموں کو تُو نے لے جا کر سامرِؔیہ کے شہروں میں بسایا ہے وہ اُس مُلک کے خُدا کے طرِیقہ سے واقِف نہیں ہیں چُنانچہ اُس نے اُن میں شیر بھیج دِئے ہیں اور دیکھ وہ اُن کو پھاڑتے ہیں اِس لِئے کہ وہ اُس مُلک کے خُدا کے طرِیقہ سے واقِف نہیں ہیں۔ 27 تب اسُور کے بادشاہ نے یہ حُکم دِیا کہ جِن کاہِنوں کو تُم وہاں سے لے آئے ہو اُن میں سے ایک کو وہاں لے جاؤ اور وہ جا کر وہِیں رہے اور یہ کاہِن اُن کو اُس مُلک کے خُدا کا طرِیقہ سِکھائے۔ 28 سو اُن کاہِنوں میں سے جِن کو وہ سامرِؔیہ سے لے گئے تھے ایک کاہِن آ کر بَیت اؔیل میں رہنے لگا اور اُن کو سِکھایا کہ اُن کو خُداوند کا خَوف کیونکر ماننا چاہئے۔
29 تِس پر بھی ہر قَوم نے اپنے دیوتا بنائے اور اُن کو سامرِیوں کے بنائے ہُوئے اُونچے مقاموں کے مندِروں میں رکھّا۔ ہر قَوم نے اپنے شہر میں جہاں اُس کی سکُونت تھی اَیسا ہی کِیا۔ 30 سو بابلیوں نے سُکاّت بنات کو اور کُوتیوں نے نَیر گُل کو اور حماتیوں نے اسیما کو۔ 31 اور عوّائیوں نے نِبحاز اور تر تاق کو بنایا اور سِفرویوں نے اپنے بیٹوں کو ادّر مّلِک اور عنّمَلِک کے لِئے جو سِفرواؔئِم کے دیوتا تھے آگ میں جلایا۔ 32 یُوں وہ خُداوند سے بھی ڈرتے تھے اور اپنے لِئے اُونچے مقاموں کے کاہِن بھی اپنے ہی میں سے بنا لِئے جو اُونچے مقاموں کے مندِروں میں اُن کے لِئے قُربانی گُذرانتے تھے۔ 33 سو وہ خُداوند سے بھی ڈرتے تھے اور اپنی قَوموں کے دستُور کے مُطابِق جِن میں سے وہ نِکال لِئے گئے تھے اپنے اپنے دیوتا کی پرستِش بھی کرتے تھے۔
34 آج کے دِن تک وہ پہلے دستُور پر چلتے ہیں۔ وہ خُداوند سے ڈرتے نہیں اور نہ تو اپنے آئِین و قوانِین پر اور نہ اُس شرع اور فرمان پر چلتے ہیں جِس کا حُکم خُداوند نے یعقُوب کی نسل کو دِیا تھا جِس کا نام اُس نے اِسرائیلؔ رکھّا تھا۔ 35 اُن ہی سے خُداوند نے عہد باندھ کر اُن کو یہ تاکِید کی تھی کہ تُم غَیر معبُودوں سے نہ ڈرنا اور نہ اُن کو سِجدہ کرنا نہ پُوجنا اور نہ اُن کے لِئے قُربانی کرنا۔ 36 بلکہ خُداوند جو بڑی قُوّت اور بُلند بازُو سے تُم کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال لایا تُم اُسی سے ڈرنا اور اُسی کو سِجدہ کرنا اور اُسی کے لِئے قُربانی گُذراننا۔ 37 اور جو جو آئِین اور رسم اور جو شرِیعت اور حُکم اُس نے تُمہارے لِئے قلم بند کِئے اُن کو سدا ماننے کے لِئے اِحتیاط رکھنا اور تُم غَیر معبُودوں سے نہ ڈرنا۔ 38 اور اُس عہد کو جو مَیں نے تُم سے کِیا ہے تُم بُھول نہ جانا اور نہ تُم غَیر معبُودوں کا خَوف ماننا۔ 39 بلکہ تُم خُداوند اپنے خُدا کا خَوف ماننا اور وہ تُم کو تُمہارے سب دُشمنوں کے ہاتھ سے چُھڑائے گا۔ 40 لیکن اُنہوں نے نہ مانا بلکہ اپنے پہلے دستُور کے مُطابِق کرتے رہے۔
41 سو یہ قَومیں خُداوند سے بھی ڈرتی رہیں اور اپنی کھودی ہُوئی مُورتوں کو بھی پُوجتی رہیں۔ اِسی طرح اُن کی اَولاد اور اُن کی اَولاد کی نسل بھی جَیسا اُن کے باپ دادا کرتے تھے وَیسا وہ بھی آج کے دِن تک کرتی ہیں۔
یہُوداؔہ کا بادشاہ حزِقیاہ
1 اور شاہِ اِسرائیلؔ ہُوؔسِیع بِن اَیلہ کے تِیسرے سال اَیسا ہُؤا کہ شاہِ یہُوداؔہ آخز کا بیٹا حِزقیاہ سلطنت کرنے لگا۔ 2 اور جب وہ سلطنت کرنے لگا تو پچِّیس برس کا تھا اور اُس نے اُنتِیس برس یروشلِیم میں سلطنت کی۔ اُس کی ماں کا نام ابی تھا جو زکرؔیاہ کی بیٹی تھی۔ 3 اور جو جو اُس کے باپ داؤُد نے کِیا تھا اُس نے ٹِھیک اُسی کے مُطابِق وہ کام کِیا جو خُداوند کی نظر میں بھلا تھا۔ 4 اُس نے اُونچے مقاموں کو دُور کر دِیا اور سُتُونوں کو توڑا اور یسِیرت کو کاٹ ڈالا اور اُس نے پِیتل کے سانپ کو جو مُوسیٰ نے بنایا تھا چکنا چُور کر دِیا کیونکہ بنی اِسرائیل اُن دِنوں تک اُس کے آگے بخُور جلاتے تھے اور اُس نے اُس کا نام نحُشتاؔن رکھّا۔ 5 اور وہ خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا پر توکُّل کرتا تھا اَیسا کہ اُس کے بعد یہُوداؔہ کے سب بادشاہوں میں اُس کی مانِند ایک نہ ہُؤا اور نہ اُس سے پہلے کوئی ہُؤا تھا۔ 6 کیونکہ وہ خُداوند سے لِپٹا رہا اور اُس کی پَیروی کرنے سے باز نہ آیا بلکہ اُس کے حُکموں کو مانا جِن کو خُداوند نے مُوسیٰ کو دِیا تھا۔ 7 اور خُداوند اُس کے ساتھ رہا اور جہاں کہِیں وہ گیا کامیاب ہُؤا اور وہ شاہِ اسُور سے مُنحرِف ہو گیا اور اُس کی اِطاعت نہ کی۔ 8 اُس نے فِلستِیوں کو غزّہ اور اُس کی سرحدّوں تک نِگہبانوں کے بُرج سے فصِیل دار شہر تک مارا۔
9 اور حِزقیاہ بادشاہ کے چَوتھے برس جو شاہِ اِسرائیلؔ ہُوسِیع بِن اَیلہ کا ساتواں برس تھا اَیسا ہُؤا کہ شاہِ اسُور سلمنسر نے سامرِؔیہ پر چڑھائی کی اور اُس کا مُحاصرہ کِیا۔ 10 اور تِین سال کے آخِر میں اُنہوں نے اُس کو لے لِیا یعنی حِزقیاہ کے چھٹے سال جو شاہِ اِسرائیلؔ ہُوؔسِیع کا نواں برس تھا سامرِؔیہ لے لِیا گیا۔ 11 اور شاہِ اسُور اِسرائیلؔ کو اسِیر کر کے اسُور کو لے گیا اور اُن کو خلح میں اور جَوزان کی ندی خابُور پر اور مادیوں کے شہروں میں رکھّا۔
12 اِس لِئے کہ اُنہوں نے خُداوند اپنے خُدا کی بات نہ مانی بلکہ اُس کے عہد کو یعنی اُن سب باتوں کو جِن کا حُکم خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے دِیا تھا عدُول کِیا اور نہ اُن کو سُنا نہ اُن پر عمل کِیا۔
اسُوری یروشلیِم کو دھمکاتے ہیں
13 اور حِزقیاہ بادشاہ کے چَودھویں برس شاہِ اسُور سنحیرؔب نے یہُوداؔہ کے سب فصِیل دار شہروں پر چڑھائی کی اور اُن کو لے لِیا۔ 14 اور شاہِ یہُوداؔہ حِزقیاہ نے شاہِ اسُور کو لکِیس میں کہلا بھیجا کہ مُجھ سے خطا ہُوئی۔ میرے پاس سے لَوٹ جا۔ جو کُچھ تُو میرے سر کرے مَیں اُسے اُٹھاؤُں گا۔ سو شاہِ اسُور نے تِین سَو قِنطار چاندی اور تِیس قِنطار سونا شاہِ یہُوداؔہ حِزقیاہ کے ذِمّہ لگایا۔ 15 اور حِزقیاہ نے ساری چاندی جو خُداوند کے گھر اور شاہی محلّ کے خزانوں میں مِلی اُسے دے دی۔ 16 اُس وقت حِزقیاہ نے خُداوند کی ہَیکل کے دروازوں کا اور اُن سُتُونوں پر کا سونا جِن کو شاہِ یہُوداؔہ حِزقیاہ نے خُود منڈھوایا تھا اُتروا کر شاہِ اسُور کو دے دِیا۔ 17 پِھر بھی شاہِ اسُور نے ترتان اور رب سارِس اور ربشاقی کو لکِیس سے بڑے لشکر کے ساتھ حِزقیاہ بادشاہ کے پاس یروشلِیم کو بھیجا۔ سو وہ چلے اور یروشلِیم کو آئے اور جب وہاں پُہنچے تو جا کر اُوپر کے تالاب کی نالی کے پاس جو دھوبِیوں کے مَیدان کے راستہ پر ہے کھڑے ہو گئے۔ 18 اور جب اُنہوں نے بادشاہ کو پُکارا تو الِیاقِیم بِن خِلقیاہ جو گھر کا دِیوان تھا اور شبناؔہ مُنشی اور آسف محرِّر کا بیٹا یُوآؔخ اُن کے پاس نِکل کر آئے۔ 19 اور ربشاقی نے اُن سے کہا تُم حِزقیاہ سے کہو کہ ملکِ مُعظّم شاہِ اسُور یُوں فرماتا ہے تُو کیا اِعتماد کِئے بَیٹھا ہے؟ 20 تُو کہتا تو ہے پر یہ فقط باتیں ہی باتیں ہیں کہ جنگ کی مصلحت بھی ہے اور حَوصلہ بھی۔ آخِر کِس کے بِرتے پر تُو نے مُجھ سے سرکشی کی ہے؟ 21 دیکھ تُجھے اِس مسلے ہُوئے سرکنڈے کے عصا یعنی مِصرؔ پر بھروسا ہے۔ اُس پر اگر کوئی ٹیک لگائے تو وہ اُس کے ہاتھ میں گڑ جائے گا اور اُسے چھید دے گا۔ شاہِ مِصرؔ فرِعونؔ اُن سب کے لِئے جو اُس پر بھروسا کرتے ہیں اَیسا ہی ہے۔
22 اور اگر تُم مُجھ سے کہو کہ ہمارا توکُّل خُداوند ہمارے خُدا پر ہے تو کیا وہ وُہی نہیں ہے جِس کے اُونچے مقاموں اور مذبحوں کو حِزقیاہ نے ڈھا کر یہُوداؔہ اور یروشلِیم سے کہا ہے کہ تُم یروشلِیم میں اِس مذبح کے آگے سِجدہ کِیا کرو؟ 23 اِس لِئے اب ذرا میرے آقا شاہِ اسُور کے ساتھ شرط باندھ اور مَیں تُجھے دو ہزار گھوڑے دُوں گا بشرطیکہ تُو اپنی طرف سے اُن پر سوار چڑھا سکے۔ 24 بھلا پِھر تُو کیونکر میرے آقا کے کمترِین مُلازِموں میں سے ایک سردار کا بھی مُنہ پھیر سکتا ہے اور رتھوں اور سواروں کے لِئے مِصرؔ پر بھروسا رکھتا ہے؟ 25 اور کیا اب مَیں نے خُداوند کے بے کہے ہی اِس مقام کو غارت کرنے کے لِئے اِس پر چڑھائی کی ہے؟ خُداوند ہی نے مُجھ سے کہا کہ اِس مُلک پر چڑھائی کر اور اِسے غارت کر دے۔
26 تب الِیاؔقِیم بِن خِلقیاہ اور شبناؔہ اور یُوآؔخ نے ربشاقی سے عرض کی کہ اپنے خادِموں سے ارامی زُبان میں بات کر کیونکہ ہم اُسے سمجھتے ہیں اور اُن لوگوں کے سُنتے ہُوئے جو دِیوار پر ہیں یہُودیوں کی زُبان میں باتیں نہ کر۔
27 لیکن ربشاقی نے اُن سے کہا کیا میرے آقا نے مُجھے یہ باتیں کہنے کو تیرے آقا کے پاس یا تیرے پاس بھیجا ہے؟ کیا اُس نے مُجھے اُن لوگوں کے پاس نہیں بھیجا جو تُمہارے ساتھ اپنی ہی نجاست کھانے اور اپنا ہی قارُورہ پِینے کو دِیوار پر بَیٹھے ہیں؟
28 پِھر ربشاقی کھڑا ہو گیا اور یہُودِیوں کی زُبان میں بُلند آواز سے یہ کہنے لگا کہ مَلکِ مُعظّم شاہِ اسُور کا کلام سُنو۔ 29 بادشاہ یُوں فرماتا ہے کہ حِزقیاہ تُم کو فریب نہ دے کیونکہ وہ تُم کو اُس کے ہاتھ سے چُھڑا نہ سکے گا۔ 30 اور نہ حِزقیاہ یہ کہہ کر تُم سے خُداوند پر بھروسا کرائے کہ خُداوند ضرُور ہم کو چُھڑائے گا اور یہ شہر شاہِ اسُور کے حوالہ نہ ہو گا۔ 31 حِزقیاہ کی نہ سُنو کیونکہ شاہِ اسُور یُوں فرماتا ہے کہ تُم مُجھ سے صُلح کر لو اور نِکل کر میرے پاس آؤ اور تُم میں سے ہر ایک اپنی تاک اور اپنے انجِیر کے درخت کا میوہ کھاتا اور اپنے حَوض کا پانی پِیتا رہے۔ 32 جب تک مَیں آ کر تُم کو اَیسے مُلک میں نہ لے جاؤُں جو تُمہارے مُلک کی طرح غلّہ اور مَے کا مُلک۔ روٹی اور تاکِستانوں کا مُلک۔ زَیتُونی تیل اور شہد کا مُلک ہے تاکہ تُم جِیتے رہو اور مَر نہ جاؤ۔ سو حِزقیاؔہ کی نہ سُننا جب وہ تُم کو یہ ترغِیب دے کہ خُداوند ہم کو چُھڑائے گا۔ 33 کیا قَوموں کے دیوتاؤں میں سے کِسی نے اپنے مُلک کو شاہِ اسُور کے ہاتھ سے چُھڑایا ہے؟ 34 حماؔت اور ارفاد کے دیوتا کہاں ہیں؟ اور سِفرواؔئِم اور ہینع اور عِواہ کے دیوتا کہاں ہیں؟ کیا اُنہوں نے سامرِؔیہ کو میرے ہاتھ سے بچا لِیا؟ 35 اور مُلکوں کے تمام دیوتاؤں میں سے کِس کِس نے اپنا مُلک میرے ہاتھ سے چُھڑا لِیا جو یہُوواؔہ یروشلِیم کو میرے ہاتھ سے چُھڑا لے گا؟
36 پر لوگ خاموش رہے اور اُس کے جواب میں ایک بات بھی نہ کہی کیونکہ بادشاہ کا حُکم یہ تھا کہ اُسے جواب نہ دینا۔ 37 تب الِیاقِیم بِن خِلقیاہ جو گھر کا دِیوان تھا اور شبناہ مُنشی اور یُوآخ بِن آسف مُحرِّر اپنے کپڑے چاک کِئے ہُوئے حِزقیاہ کے پاس آئے اور ربشاقی کی باتیں اُسے سُنائِیں۔
بادشاہ یسعیاہ سے مشوَرہ لیتا ہے
1 جب حِزقیاہ بادشاہ نے یہ سُنا تو اپنے کپڑے پھاڑے اور ٹاٹ اوڑھ کر خُداوند کے گھر میں گیا۔ 2 اور اُس نے گھر کے دِیوان الِیاؔقِیم اور شبناہ مُنشی اور کاہِنوں کے بزُرگوں کو ٹاٹ اُڑھا کر آمُوص کے بیٹے یسعیاہ نبی کے پاس بھیجا۔ 3 اور اُنہوں نے اُس سے کہا حِزقیاہ یُوں کہتا ہے کہ آج کا دِن دُکھ اور ملامت اور تَوہِین کا دِن ہے کیونکہ بچّے پَیدا ہونے پر ہیں لیکن وِلادت کی طاقت نہیں۔ 4 شاید خُداوند تیرا خُدا ربشاقی کی سب باتیں سُنے جِس کو اُس کے آقا شاہِ اسُور نے بھیجا ہے کہ زِندہ خُدا کی تَوہِین کرے اور جو باتیں خُداوند تیرے خُدا نے سُنی ہیں اُن پر وہ ملامت کرے گا۔ پس تُو اُس بقِیّہ کے لِئے جو مَوجُود ہے دُعا کر۔
5 پس حِزقیاہ بادشاہ کے مُلازِم یسعیاہ کے پاس آئے۔ 6 یسعیاہ نے اُن سے کہا کہ تُم اپنے آقا سے یُوں کہنا کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُو اُن باتوں سے جو تُو نے سُنی ہیں جِن سے شاہِ اسُور کے مُلازِموں نے میری تکفِیر کی ہے نہ ڈر۔ 7 دیکھ! مَیں اُس میں ایک رُوح ڈال دُوں گا اور وہ ایک افواہ سُن کر اپنے مُلک کو لَوٹ جائے گا اور مَیں اُسے اُسی کے مُلک میں تلوار سے مَروا ڈالُوں گا۔
اسُوریوں کا دُوسرا دھمکی آمیز پَیغام
8 سو ربشاقی لَوٹ گیا اور اُس نے شاہِ اسُور کو لِبناہ سے لڑتے پایا کیونکہ اُس نے سُنا تھا کہ وہ لکِیس سے چلا گیا ہے۔ 9 اور جب اُس نے کُوش کے بادشاہ تِرہاؔقہ کی بابت یہ کہتے سُنا کہ دیکھ وہ تُجھ سے لڑنے کو نِکلا ہے تو اُس نے پِھر حِزقیاہ کے پاس ایلچی روانہ کِئے اور کہا۔ 10 کہ شاہِ یہُوداؔہ حِزقیاہ سے یُوں کہنا کہ تیرا خُدا جِس پر تیرا بھروسا ہے تُجھے یہ کہہ کر فریب نہ دے کہ یروشلِیم شاہِ اسُور کے قبضہ میں نہیں کِیا جائے گا۔ 11 دیکھ تُو نے سُنا ہے کہ اسُور کے بادشاہوں نے تمام ممالک کو بِالکُل غارت کر کے اُن کا کیا حال بنایا ہے۔ سو کیا تُو بچا رہے گا؟ 12 کیا اُن قَوموں کے دیوتاؤں نے اُن کو یعنی جَوزان اور حاراؔن اور رصف اور بنی عدن جو تِلّسار میں تھے جِن کو ہمارے باپ دادا نے ہلاک کِیا چُھڑایا؟ 13 حمات کا بادشاہ اور ارفاد کا بادشاہ اور شہر سِفرواؔئِم اور ہینع اور عِواہ کا بادشاہ کہاں ہیں؟
14 حِزقیاہ نے ایلچیوں کے ہاتھ سے نامہ لِیا اور اُسے پڑھا اور حِزقیاہ نے خُداوند کے گھر میں جا کر اُسے خُداوند کے حضُور پَھیلا دِیا۔ 15 اور حِزقیاہ نے خُداوند کے حضُور یُوں دُعا کی اَے خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا کرُوبِیوں کے اُوپر بَیٹھنے والے تُو ہی اکیلا زمِین کی سب سلطنتوں کا خُدا ہے۔ تُو ہی نے آسمان اور زمِین کو پَیدا کِیا۔ 16 اَے خُداوند کان لگا اور سُن۔ اَے خُداوند اپنی آنکھیں کھول اور دیکھ اور سنحیرؔیب کی باتوں کو جِن سے زِندہ خُدا کی تَوہِین کرنے کے لِئے اُس نے اِس آدمی کو بھیجا ہے سُن لے۔ 17 اَے خُداوند! اسُور کے بادشاہوں نے در حقِیقت قَوموں کو اُن کے مُلکوں سمیت تباہ کِیا۔ 18 اور اُن کے دیوتاؤں کو آگ میں ڈالا کیونکہ وہ خُدا نہ تھے بلکہ آدمِیوں کی دست کاری یعنی لکڑی اور پتّھر تھے اِس لِئے اُنہوں نے اُن کو نابُود کِیا ہے۔ 19 سو اب اَے خُداوند ہمارے خُدا مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں کہ تُو ہم کو اُس کے ہاتھ سے بچا لے تاکہ زمِین کی سب سلطنتیں جان لیں کہ تُو ہی اکیلا خُداوند خُدا ہے۔
یسعیاہ کا پَیغام بادشاہ کے نام
20 تب یسعیاہ بِن آمُوص نے حِزقیاہ کو کہلا بھیجا کہ خُداوند اِسرائیلؔ کا خُدا یُوں فرماتا ہے چُونکہ تُو نے شاہِ اسُور سنحیرؔیب کے خِلاف مُجھ سے دُعا کی ہے مَیں نے تیری سُن لی۔ 21 اِس لِئے خُداوند نے اُس کے حق میں یُوں فرمایا ہے کہ کُنواری دُختِر صِیُّون نے تُجھ کو حقِیر جانا اور تیرا مضحکہ اُڑایا ہے۔ یروشلِیم کی بیٹی نے تُجھ پر سر ہِلایا ہے۔ 22 تُو نے کِس کی تَوہِین و تکفِیر کی ہے؟ تُو نے کِس کے خِلاف اپنی آواز بُلند کی اور اپنی آنکھیں اُوپر اُٹھائِیں؟ اِسرائیلؔ کے قدُّوس کے خِلاف۔ 23 تُو نے اپنے قاصِدوں کے ذرِیعہ سے خُداوند کی تَوہِین کی اور کہا کہ مَیں بُہت سے رتھوں کو ساتھ لے کر پہاڑوں کی چوٹِیوں پر بلکہ لُبناؔن کے وسطی حِصّوں تک چڑھ آیا ہُوں اور مَیں اُس کے اُونچے اُونچے دیوداروں اور اچّھے سے اچّھے صنَوبر کے درختوں کو کاٹ ڈالُوں گا اور مَیں اُس کے دُور سے دُور مقام میں جہاں اُس کی زرخیز زمِین کا جنگل ہے گُھسا چلا جاؤُں گا۔ 24 مَیں نے جگہ جگہ کا پانی کھود کھود کر پِیا ہے اور مَیں اپنے پاؤں کے تلوے سے مِصرؔ کی سب ندیاں سُکھا ڈالُوں گا۔
25 کیا تُو نے نہیں سُنا کہ مُجھے یہ کِئے ہُوئے مُدّت ہُوئی اور مَیں نے اِسے قدِیم ایّام میں ٹھہرا دِیا تھا؟ اب مَیں نے اُسی کو پُورا کِیا ہے کہ تُو فصِیل دار شہروں کو اُجاڑ کر کھنڈر بنا دینے کے لِئے برپا ہو۔ 26 اِسی سبب سے اُن کے باشِندے کمزور ہُوئے اور وہ گھبرا گئے اور شرمِندہ ہُوئے۔ وہ مَیدان کی گھاس اور ہری پَود اور چھتوں پر کی گھاس اور اُس اناج کی مانِند ہو گئے جو بڑھنے سے پیشتر سُوکھ جائے۔
27 لیکن مَیں تیری نشِست اور آمد و رفت اور تیرا مُجھ پر جُھنجھلانا جانتا ہُوں۔ 28 تیرے مُجھ پر جھنجھلانے کے سبب سے اور اِس لِئے کہ تیرا گھمنڈ میرے کانوں تک پُہنچا ہے مَیں اپنی نکیل تیری ناک میں اور اپنی لگام تیرے مُنہ میں ڈالُوں گا اور تُو جِس راہ سے آیا ہے مَیں تُجھے اُسی راہ سے واپس لَوٹا دُوں گا۔
29 اور تیرے لِئے یہ نِشان ہو گا کہ تُم اِس سال وہ چِیزیں جو از خُود اُگتی ہیں اور دُوسرے سال وہ چِیزیں جو اُن سے پَیدا ہوں کھاؤ گے اور تِیسرے سال تُم بونا اور کاٹنا اور تاکِستان لگا کر اُن کا پَھل کھانا۔ 30 اور وہ بقِیّہ جو یہُوداؔہ کے گھرانے سے بچ رہا ہے پِھر نِیچے کی طرف جڑ پکڑے گا اور اُوپر کی طرف پَھل لائے گا۔ 31 کیونکہ ایک بقِیّہ یروشلِیم سے اور وہ جو بچ رہے ہیں کوہِ صِیُّون سے نِکلیں گے۔ خُداوند کی غیُوری یہ کر دِکھائے گی۔
32 سو خُداوند شاہِ اسُور کے حق میں یُوں فرماتا ہے کہ وہ اِس شہر میں آنے یا یہاں تِیر چلانے نہ پائے گا۔ وہ نہ تو سِپر لے کر اُس کے سامنے آنے اور نہ اُس کے مُقابِل دمدمہ باندھنے پائے گا۔ 33 بلکہ خُداوند فرماتا ہے کہ جِس راہ سے وہ آیا اُسی راہ سے لَوٹ جائے گا اور اِس شہر میں آنے نہ پائے گا۔ 34 کیونکہ مَیں اپنی خاطِر اور اپنے بندہ داؤُد کی خاطِر اِس شہر کی حِمایت کرُوں گا تاکہ اِسے بچا لُوں۔
35 سو اُسی رات کو خُداوند کے فرِشتہ نے نِکل کر اسُور کی لشکر گاہ میں ایک لاکھ پچاسی ہزار آدمی مار ڈالے اور صُبح کو جب لوگ سویرے اُٹھے تو دیکھا کہ وہ سب مَرے پڑے ہیں۔ 36 تب شاہِ اسُور سنحیرؔیب وہاں سے چلا گیا اور لَوٹ کر نِینوؔہ میں رہنے لگا۔ 37 اور جب وہ اپنے دیوتا نِسرُوؔک کے مندِر میں پُجا کر رہا تھا تو ادرمّلِک اور شَراضر نے اُسے تلوار سے قتل کِیا اور اراراؔط کی سرزمِین کو بھاگ گئے اور اُس کا بیٹا اسرحدُّوؔن اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔
حزقیاہ بادشاہ کی بِیماری اور صحت یابی
1 اُن ہی دِنوں میں حِزقیاہ اَیسا بِیمار پڑا کہ مَرنے کے قرِیب ہو گیا۔ تب یسعیاہ نبی آمُوص کے بیٹے نے اُس کے پاس آ کر اُس سے کہا خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُو اپنے گھر کا اِنتِظام کر دے کیونکہ تُو مَر جائے گا اور بچنے کا نہیں۔
2 تب اُس نے اپنا مُنہ دِیوار کی طرف کر کے خُداوند سے یہ دُعا کی کہ 3 اَے خُداوند مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں یاد فرما کہ مَیں تیرے حضُور سچّائی اور پُورے دِل سے چلتا رہا ہُوں اور جو تیری نظر میں بھلا ہے وُہی کِیا ہے اور حِزقیاؔہ زار زار رویا۔
4 اور اَیسا ہُؤا کہ یسعیاہ نِکل کر شہر کے بِیچ کے حِصّہ تک پُہنچا بھی نہ تھا کہ خُداوند کا کلام اُس پر نازِل ہُؤا کہ 5 لَوٹ اور میری قَوم کے پیشوا حِزقیاہ سے کہہ کہ خُداوند تیرے باپ داؤُد کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ مَیں نے تیری دُعا سُنی اور مَیں نے تیرے آنسُو دیکھے۔ دیکھ مَیں تُجھے شِفا دُوں گا اور تِیسرے دِن تُو خُداوند کے گھر میں جائے گا۔ 6 اور مَیں تیری عُمر پندرہ برس اَور بڑھا دُوں گا اور مَیں تُجھ کو اور اِس شہر کو شاہِ اسُور کے ہاتھ سے بچا لُوں گا اور مَیں اپنی خاطِر اور اپنے بندہ داؤُد کی خاطِر اِس شہر کی حِمایت کرُوں گا۔
7 اور یسعیاہ نے کہا انجِیروں کی ٹِکیہ لو۔ سو اُنہوں نے اُسے لے کر پھوڑے پر باندھا۔ تب وہ اچّھا ہو گیا۔ 8 اور حِزقیاہ نے یسعیاہ سے پُوچھا اِس کا کیا نِشان ہو گا کہ خُداوند مُجھے صحت بخشے گا اور مَیں تِیسرے دِن خُداوند کے گھر میں جاؤُں گا؟
9 یسعیاہ نے جواب دِیا کہ اِس بات کا کہ خُداوند نے جِس کام کو کہا ہے اُسے وہ کرے گا خُداوند کی طرف سے تیرے لِئے نِشان یہ ہو گا کہ سایہ یا دس درجے آگے کو جائے یا دس درجے پِیچھے کو لَوٹے؟
10 اور حِزقیاہ نے جواب دِیا یہ تو چھوٹی بات ہے کہ سایہ دس درجے آگے کو جائے۔ سو یُوں نہیں بلکہ سایہ دس درجے پِیچھے کو لَوٹے۔
11 تب یسعیاہ نبی نے خُداوند سے دُعا کی۔ سو اُس نے سایہ کو آخز کی دُھوپ گھڑی میں دس درجے یعنی جِتنا وہ ڈھل چُکا تھا اُتنا ہی پِیچھے کو لَوٹا دِیا۔
بابل سے قاصدوں کی آمد
12 اُس وقت شاہِ بابل برُودک بلہ دان بِن بلہ داؔن نے حِزقیاہ کے پاس نامہ اور تحائِف بھیجے کیونکہ اُس نے سُنا تھا کہ حِزقیاہ بِیمار ہو گیا تھا۔ 13 سو حِزقیاہ نے اُن کی باتیں سُنِیں اور اُس نے اپنی بیش بہا چِیزوں کا سارا گھر اور چاندی اور سونا اور مصالِح اور بیش قِیمت عِطر اور اپنا سلاح خانہ اور جو کُچھ اُس کے خزانوں میں مَوجُود تھا اُن کو دِکھایا۔ اُس کے گھر میں اور اُس کی ساری مُملکت میں اَیسی کوئی چِیز نہ تھی جو حِزقیاہ نے اُن کو نہ دِکھائی۔ 14 تب یسعیاہ نبی نے حِزقیاہ بادشاہ کے پاس آ کر اُس سے کہا کہ یہ لوگ کیا کہتے تھے اور یہ تیرے پاس کہاں سے آئے؟
حِزقیاہ نے کہا یہ دُور مُلک سے یعنی بابل سے آئے ہیں۔
15 پِھر اُس نے پُوچھا اُنہوں نے تیرے گھر میں کیا دیکھا؟
حِزقیاہ نے جواب دِیا اُنہوں نے سب کُچھ جو میرے گھر میں ہے دیکھا۔ میرے خزانوں میں اَیسی کوئی چِیز نہیں جو مَیں نے اُن کو دِکھائی نہ ہو۔
16 تب یسعیاہ نے حِزقیاہ سے کہا خُداوند کا کلام سُن لے۔ 17 دیکھ وہ دِن آتے ہیں کہ سب کُچھ جو تیرے گھر میں ہے اور جو کُچھ تیرے باپ دادا نے آج کے دِن تک جمع کر کے رکھّا ہے بابل کو لے جائیں گے۔ خُداوند فرماتا ہے کُچھ بھی باقی نہ رہے گا۔ 18 اور وہ تیرے بیٹوں میں سے جو تُجھ سے پَیدا ہوں گے اور جِن کا باپ تُو ہی ہو گا لے جائیں گے اور وہ شاہِ بابل کے محلّ میں خواجہ سرا ہوں گے۔
19 حِزقیاہ نے یسعیاہ سے کہا خُداوند کا کلام جو تُو نے کہا ہے بھلا ہے اور اُس نے یہ بھی کہا بھلا ہی ہو گا اگر میرے ایّام میں امن اور امان رہے۔
حِزقیاہ کے دورِ حُکُومت کا خاتمہ
20 اور حِزقیاہ کے باقی کام اور اُس کی ساری قُوّت اور کیونکر اُس نے تالاب اور نالی بنا کر شہر میں پانی پُہنچایا سو کیا وہ شاہانِ یہُوداؔہ کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟ 21 اور حِزقیاہ اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا اور اُس کا بیٹا منسّی اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔
یہُوداؔہ کا بادشاہ منّسی
1 جب منسّی سلطنت کرنے لگا تو بارہ برس کا تھا۔ اُس نے پچپن برس یروشلیِم میں سلطنت کی اور اُس کی ماں کا نام حِفصِیباؔہ تھا۔ 2 اُس نے اُن قَوموں کے نفرتی کاموں کی طرح جِن کو خُداوند نے بنی اِسرائیل کے آگے سے دفع کِیا خُداوند کی نظر میں بدی کی۔ 3 کیونکہ اُس نے اُن اُونچے مقاموں کو جِن کو اُس کے باپ حِزقیاہ نے ڈھایا تھا پِھر بنایا اور بعل کے لِئے مذبحے بنائے اور یسِیرت بنائی جَیسے شاہِ اِسرائیلؔ اخیاؔب نے کِیا تھا اور آسمان کی ساری فَوج کو سِجدہ کرتا اور اُن کی پرستِش کرتا تھا۔ 4 اور اُس نے خُداوند کی ہَیکل میں جِس کی بابت خُداوند نے فرمایا تھا کہ مَیں یروشلیِم میں اپنا نام رکھُّوں گا مذبحے بنائے۔ 5 اور اُس نے آسمان کی ساری فَوج کے لِئے خُداوند کی ہَیکل کے دونوں صحنوں میں مذبحے بنائے۔ 6 اور اُس نے اپنے بیٹے کو آگ میں چلایا اور وہ شگُون نِکالتا اور افسُونگری کرتا اور جِنّات کے یاروں اور جادُوگروں سے تعلُّق رکھتا تھا۔ اُس نے خُداوند کے آگے اُس کو غُصّہ دِلانے کے لِئے بڑی شرارت کی۔ 7 اور اُس نے یسِیرت کی کھودی ہُوئی مُورت کو جِسے اُس نے بنایا تھا اُس گھر میں نصب کِیا جِس کی بابت خُداوند نے داؤُد اور اُس کے بیٹے سُلیماؔن سے کہا تھا کہ اِسی گھر میں اور یروشلیِم میں جِسے مَیں نے بنی اِسرائیل کے سب قبِیلوں میں سے چُن لِیا ہے مَیں اپنا نام ابد تک رکھُّوں گا۔ 8 اور مَیں اَیسا نہ کرُوں گا کہ بنی اِسرائیل کے پاؤں اُس مُلک سے باہر آوارہ پِھریں جِسے مَیں نے اُن کے باپ دادا کو دِیا بشرطیکہ وہ اُن سب احکام کے مُطابِق اور اُس شرِیعت کے مُطابِق جِس کا حُکم میرے بندہ مُوسیٰ نے اُن کو دِیا عمل کرنے کی اِحتِیاط رکھّیں۔ 9 پر اُنہوں نے نہ مانا اور منسّی نے اُن کو بہکایا کہ وہ اُن قَوموں کی نِسبت جِن کو خُداوند نے بنی اِسرائیل کے آگے سے نابُود کِیا زِیادہ بدی کریں۔
10 سو خُداوند نے اپنے بندوں نبِیوں کی معرفت فرمایا۔ 11 چُونکہ شاہِ یہُوداؔہ منسّی نے نفرتی کام کِئے اور اُموریوں کی نِسبت جو اُس سے پیشتر ہُوئے زِیادہ بدی کی اور یہُوداؔہ سے بھی اپنے بُتوں کے ذرِیعہ سے گُناہ کرایا۔ 12 اِس لِئے خُداوند اِسرائیلؔ کا خُدا یُوں فرماتا ہے دیکھو مَیں یروشلیِم اور یہُوداؔہ پر اَیسی بلا لانے کو ہُوں کہ جو کوئی اُس کا حال سُنے اُس کے کان جھنّا اُٹھیں گے۔ 13 اور مَیں یروشلیِم پر سامرِؔیہ کی رسّی اور اخیاؔب کے گھرانے کا ساہُول ڈالُوں گا اور مَیں یروشلیِم کو اَیسا پونچُھوں گا جَیسے آدمی تھالی کو پُونچھتا ہے اور اُسے پُونچھ کر اُلٹی رکھ دیتا ہے۔ 14 اور مَیں اپنی مِیراث کے باقی لوگوں کو ترک کر کے اُن کو اُن کے دُشمنوں کے حوالہ کرُوں گا اور وہ اپنے سب دُشمنوں کے لِئے شِکار اور لُوٹ ٹھہریں گے۔ 15 کیونکہ جب سے اُن کے باپ دادا مِصرؔ سے نِکلے اُس دِن سے آج تک وہ میرے آگے بدی کرتے اور مُجھے غُصّہ دِلاتے رہے۔
16 علاوہ اِس کے منسّی نے اُس گُناہ کے سِوا کہ اُس نے یہُوداؔہ کو گُمراہ کر کے خُداوند کی نظر میں بدی کرائی بے گُناہوں کا خُون بھی اِس قدر کِیا کہ یروشلیِم اِس سِرے سے اُس سِرے تک بھر گیا۔
17 اور منسّی کے باقی کام اور سب کُچھ جو اُس نے کِیا اور وہ گُناہ جو اُس سے سرزد ہُؤا سو کیا وہ بنی یہُوداؔہ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟ 18 اور منسّی اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا اور اپنے گھر کے باغ میں جو عُزّا کا باغ ہے دفن ہُؤا اور اُس کا بیٹا امُون اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔
یہُوداؔہ کا بادشاہ امُّون
19 اور امُون جب سلطنت کرنے لگا تو بائِیس برس کا تھا۔ اُس نے یروشلیِم میں دو برس سلطنت کی۔ اُس کی ماں کا نام مُسلِّمت تھا جو حرُوؔص یُطبہی کی بیٹی تھی۔ 20 اور اُس نے خُداوند کی نظر میں بدی کی جَیسے اُس کے باپ منسّی نے کی تھی۔ 21 اور وہ اپنے باپ کی سب راہوں پر چلا اور اُن بُتوں کی پرستِش کی جِن کی پرستِش اُس کے باپ نے کی تھی اور اُن کو سِجدہ کِیا۔ 22 اور اُس نے خُداوند اپنے باپ دادا کے خُدا کو ترک کِیا اور خُداوند کی راہ پر نہ چلا۔
23 اور امُون کے خادِموں نے اُس کے خِلاف سازِش کی اور بادشاہ کو اُسی کے قصر میں جان سے مار دِیا۔ 24 لیکن اُس مُلک کے لوگوں نے اُن سب کو جِنہوں نے امُون بادشاہ کے خِلاف سازِش کی تھی قتل کِیا اور مُلک کے لوگوں نے اُس کے بیٹے یُوسیاؔہ کو اُس کی جگہ بادشاہ بنایا۔
25 اور امُون کے باقی کام جو اُس نے کِئے سو کیا وہ یہُوداؔہ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟ 26 اور وہ اپنی گور میں عُزّا کے باغ میں دفن ہُؤا اور اُس کا بیٹا یُوسیاؔہ اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔
یہُوداؔہ کا بادشاہ یُوسیاہ
1 جب یُوسیاؔہ سلطنت کرنے لگا تو آٹھ برس کا تھا۔ اُس نے اِکتِیس برس یروشلیِم میں سلطنت کی۔ اُس کی ماں کا نام جدِیدؔہ تھا جو بُصقتی عدایاؔہ کی بیٹی تھی۔ 2 اُس نے وہ کام کِیا جو خُداوند کی نِگاہ میں ٹِھیک تھا اور اپنے باپ داؤُد کی سب راہوں پر چلا اور دہنے یا بائیں ہاتھ کو مُطلق نہ مُڑا۔
تَورَیت کی کِتاب کا مِلنا
3 اور یُوسیاؔہ بادشاہ کے اٹھارھویں برس اَیسا ہُؤا کہ بادشاہ نے سافن بِن اصلیاؔہ بِن مسُلاّؔم مُنشی کو خُداوند کے گھر کو بھیجا اور کہا۔ 4 کہ تُو خِلقیاہ سردار کاہِن کے پاس جا تاکہ وہ اُس نقدی کو جو خُداوند کے گھر میں لائی جاتی ہے اور جِسے دربانوں نے لوگوں سے لے کر جمع کِیا ہے گِنے۔ 5 اور وہ اُسے اُن کارگُذاروں کو سَونپ دیں جو خُداوند کے گھر کی نِگرانی رکھتے ہیں اور یہ لوگ اُسے اُن کارِیگروں کو دیں جو خُداوند کے گھر میں کام کرتے ہیں تاکہ ہَیکل کی دراڑوں کی مرمّت ہو۔ 6 یعنی بڑھیوں اور راجوں اور مِعماروں کو دیں اور ہَیکل کی مرمّت کے لِئے لکڑی اور تراشے ہُوئے پتّھروں کے خرِیدنے پر خرچ کریں۔ 7 لیکن اُن سے اُس نقدی کا جو اُن کے ہاتھ میں دی جاتی تھی کوئی حِساب نہیں لِیا جاتا تھا اِس لِئے کہ وہ امانت داری سے کام کرتے تھے۔
8 اور سردار کاہِن خِلقیاہ نے سافن مُنشی سے کہا کہ مُجھے خُداوند کے گھر میں تَورَیت کی کِتاب مِلی ہے اور خِلقیاہ نے وہ کِتاب سافن کو دی اور اُس نے اُس کو پڑھا۔ 9 اور سافن مُنشی بادشاہ کے پاس آیا اور بادشاہ کو خبر دی کہ تیرے خادِموں نے وہ نقدی جو ہَیکل میں مِلی لے کر اُن کارگُذاروں کے ہاتھ میں سپُرد کی جو خُداوند کے گھر کی نِگرانی رکھتے ہیں۔ 10 اور سافن مُنشی نے بادشاہ کو یہ بھی بتایا کہ خِلقیاہ کاہِن نے ایک کِتاب میرے حوالہ کی ہے اور سافن نے اُسے بادشاہ کے حضُور پڑھا۔
11 جب بادشاہ نے تَورَیت کی کِتاب کی باتیں سُنِیں تو اپنے کپڑے پھاڑے۔ 12 اور بادشاہ نے خِلقیاہ کاہِن اور سافن کے بیٹے اخی قاؔم اور مِیکایاؔہ کے بیٹے عکبور اور سافن مُنشی اور عساؔیاہ کو جو بادشاہ کا مُلازِم تھا یہ حُکم دِیا کہ 13 یہ کِتاب جو مِلی ہے اِس کی باتوں کے بارے میں تُم جا کر میری اور سب لوگوں اور سارے یہُوداؔہ کی طرف سے خُداوند سے دریافت کرو کیونکہ خُداوند کا بڑا غضب ہم اِسی سبب سے بھڑکا ہے کہ ہمارے باپ دادا نے اِس کِتاب کی باتوں کو نہ سُنا کہ جو کُچھ اُس میں ہمارے بارے میں لِکھا ہے اُس کے مُطابِق عمل کرتے۔
14 تب خِلقیاہ کاہِن اور اخی قاؔم اور عکبور اور سافن اور عساؔیاہ خُلدؔہ نبِیّہ کے پاس گئے جو توشہ خانہ کے داروغہ سلُوؔم بِن تِقوہ بِن خرخس کی بِیوی تھی (یہ یروشلیِم میں مِشنہ نامی محلّہ میں رہتی تھی)۔ سو اُنہوں نے اُس سے گُفتگُو کی۔ 15 اُس نے اُن سے کہا خُداوند اِسرائیلؔ کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ تُم اُس شخص سے جِس نے تُم کو میرے پاس بھیجا ہے کہنا۔ 16 کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ مَیں اِس کِتاب کی اُن سب باتوں کے مُطابِق جِن کو شاہِ یہُوداؔہ نے پڑھا ہے اِس مقام پر اور اِس کے سب باشِندوں پر بلا نازِل کرُوں گا۔ 17 کیونکہ اُنہوں نے مُجھے ترک کِیا اور غَیر معبُودوں کے آگے بخُور جلایا تاکہ اپنے ہاتھوں کے سب کاموں سے مُجھے غُصّہ دِلائیں۔ سو میرا قہر اِس مقام پر بھڑکے گا اور ٹھنڈا نہ ہو گا۔ 18 لیکن شاہِ یہُوداؔہ سے جِس نے تُم کو خُداوند سے دریافت کرنے کو بھیجا ہے یُوں کہنا کہ خُداوند اِسرائیلؔ کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ جو باتیں تُو نے سُنی ہیں اُن کے بارے میں یہ ہے کہ 19 چُونکہ تیرا دِل نرم ہے اور جب تُو نے وہ بات سُنی جو مَیں نے اِس مقام اور اِس کے باشِندوں کے حق میں کہی کہ وہ تباہ ہو جائیں گے اور لَعنتی بھی ٹھہریں گے تو تُو نے خُداوند کے آگے عاجِزی کی اور اپنے کپڑے پھاڑے اور میرے آگے رویا۔ سو مَیں نے بھی تیری سُن لی۔ خُداوند فرماتا ہے۔ 20 اِس لِئے دیکھ مَیں تُجھے تیرے باپ دادا کے ساتھ مِلا دُوں گا اور تُو اپنی گور میں سلامتی سے اُتار دِیا جائے گا اور اُن سب آفتوں کو جو مَیں اِس مقام پر نازِل کرُوں گا تیری آنکھیں نہیں دیکھیں گی۔
سو وہ یہ خبر بادشاہ کے پاس لائے۔
یُوسیاہ بُت پرستی بند کراتا ہے
1 اور بادشاہ نے لوگ بھیجے اور اُنہوں نے یہُوداؔہ اور یروشلیِم کے سب بزُرگوں کو اُس کے پاس جمع کِیا۔ 2 اور بادشاہ خُداوند کے گھر کو گیا اور اُس کے ساتھ یہُوداؔہ کے سب لوگ اور یروشلیِم کے سب باشِندے اور کاہِن اور نبی اور سب چھوٹے بڑے آدمی تھے اور اُس نے جو عہد کی کِتاب خُداوند کے گھر میں مِلی تھی اُس کی سب باتیں اُن کو پڑھ سُنائِیں۔ 3 اور بادشاہ سُتُون کے برابر کھڑا ہُؤا اور اُس نے خُداوند کی پَیروی کرنے اور اُس کے حُکموں اور شہادتوں اور آئِین کو اپنے سارے دِل اور ساری جان سے ماننے اور اِس عہد کی باتوں پر جو اُس کِتاب میں لِکھی ہیں عمل کرنے کے لِئے خُداوند کے حضُور عہد باندھا اور سب لوگ اُس عہد پر قائِم ہُوئے۔
4 پِھر بادشاہ نے سردار کاہِن خِلقیاہ کو اور اُن کاہِنوں کو جو دُوسرے درجہ کے تھے اور دربانوں کو حُکم کِیا کہ اُن سب برتنوں کو جو بعل اور یسِیرت اور آسمان کی ساری فَوج کے لِئے بنائے گئے تھے خُداوند کی ہَیکل سے باہر نِکالیں اور اُس نے یروشلیِم کے باہر قِدرُوؔن کے کھیتوں میں اُن کو جلا دِیا اور اُن کی راکھ بَیت اؔیل پُہنچائی۔ 5 اور اُس نے اُن بُت پرست کاہِنوں کو جِن کو شاہانِ یہُوداؔہ نے یہُوداؔہ کے شہروں کے اُونچے مقاموں اور یروشلیِم کے آس پاس کے مقاموں میں بخُور جلانے کو مُقرّر کِیا تھا اور اُن کو بھی جو بعل اور سُورج اور چاند اور سیّاروں اور آسمان کے سارے لشکر کے لِئے بخُور جلاتے تھے مَوقُوف کِیا۔ 6 اور وہ یسِیرت کو خُداوند کے گھر سے یروشلیِم کے باہر قِدرُوؔن کے نالے پر لے گیا اور اُسے قِدرُوؔن کے نالے پر جلا دِیا اور اُسے کُوٹ کُوٹ کر خاک بنا دِیا اور اُس کو عام لوگوں کی قبروں پر پھینک دِیا۔ 7 اور اُس نے لُوطِیوں کے مکانوں کو جو خُداوند کے گھر میں تھے جِن میں عَورتیں یسِیرت کے لِئے پردے بُنا کرتی تِھیں ڈھا دِیا۔ 8 اور اُس نے یہُوداؔہ کے شہروں سے سب کاہِنوں کو لا کر جِبع سے بیرسبع تک اُن سب اُونچے مقاموں میں جہاں کاہِنوں نے بخُور جلایا تھا نجاست ڈلوائی اور اُس نے پھاٹکوں کے اُن اُونچے مقاموں کو جو شہر کے ناظِم یشُوؔع کے پھاٹک کے مدخل یعنی شہر کے پھاٹک کے بائیں ہاتھ کو تھے گِرا دِیا۔ 9 تَو بھی اُونچے مقاموں کے کاہِن یروشلیِم میں خُداوند کے مذبح کے پاس نہ آئے لیکن وہ اپنے بھائیوں کے ساتھ بے خمِیری روٹی کھا لیتے تھے۔
10 اور اُس نے تُوفت میں جو بنی ہِنُّوم کی وادی میں ہے نجاست پِھنکوائی تاکہ کوئی شخص مولک کے لِئے اپنے بیٹے یا بیٹی کو آگ میں نہ چلوا سکے۔ 11 اور اُس نے اُن گھوڑوں کو دُور کر دِیا جِن کو یہُوداؔہ کے بادشاہوں نے سُورج کے لِئے مخصُوص کر کے خُداوند کے گھر کے آستانہ پر ناتن ملک خواجہ سرا کی کوٹھری کے برابر رکھّا تھا جو ہَیکل کی حد کے اندر تھی اور سُورج کے رتھوں کو آگ سے جلا دِیا۔ 12 اور اُن مذبحوں کو جو آخز کے بالاخانہ کی چھت پر تھے جِن کو شاہانِ یہُوداؔہ نے بنایا تھا اور اُن مذبحوں کو جِن کو منسّی نے خُداوند کے گھر کے دونوں صحنوں میں بنایا تھا بادشاہ نے ڈھا دِیا اور وہاں سے اُن کو چُور چُور کر کے اُن کی خاک کو قِدرُوؔن کے نالے میں پِھنکوا دِیا۔ 13 اور بادشاہ نے اُن اُونچے مقاموں پر نجاست ڈلوائی جو یروشلیِم کے مُقابِل کوہِ آلایش کی دہنی طرف تھے جِن کو اِسرائیلؔ کے بادشاہ سُلیماؔن نے صَیدانیوں کی نفرتی عستاراؔت اور موآبیوں کے نفرتی کمُوؔس اور بنی عمُّون کے نفرتی مِلکُوؔم کے لِئے بنایا تھا۔ 14 اور اُس نے سُتُونوں کو ٹُکڑے ٹُکڑے کر دِیا اور یسِیرتوں کو کاٹ ڈالا اور اُن کی جگہ میں مُردوں کی ہڈِّیاں بھر دِیں۔
15 پِھر بَیت اؔیل کا وہ مذبح اور وہ اُونچا مقام جِسے نباط کے بیٹے یرُبعاؔم نے بنایا تھا جِس نے اِسرائیلؔ سے گُناہ کرایا۔ سو اِس مذبح اور اُونچے مقام دونوں کو اُس نے ڈھا دِیا اور اُونچے مقام کو جلا دِیا اور اُسے کُوٹ کُوٹ کر خاک کر دِیا اور یسِیرت کو جلا دِیا۔ 16 اور جب یُوسیاؔہ مُڑا تو اُس نے اُن قبروں کو دیکھا جو وہاں اُس پہاڑ پر تِھیں۔ سو اُس نے لوگ بھیج کر اُن قبروں میں سے ہڈِّیاں نِکلوائِیں اور اُن کو اُس مذبح پر جلا کر اُسے ناپاک کِیا۔ یہ خُداوند کے سُخن کے مُطابِق ہُؤا جِسے اُس مَردِ خُدا نے جِس نے اِن باتوں کی خبر دی تھی سُنایا تھا۔ 17 پِھر اُس نے پُوچھا یہ کَیسی یادگار ہے جِسے مَیں دیکھتا ہُوں؟
شہر کے لوگوں نے اُسے بتایا یہ اُس مَردِ خُدا کی قبر ہے جِس نے یہُوداؔہ سے آ کر اِن کاموں کی جو تُو نے بَیت اؔیل کے مذبح سے کِئے خبر دی۔
18 تب اُس نے کہا اُسے رہنے دو۔ کوئی اُس کی ہڈِّیوں کو نہ سرکائے۔
سو اُنہوں نے اُس کی ہڈِّیاں اُس نبی کی ہڈِّیوں کے ساتھ جو سامرِؔیہ سے آیا تھا رہنے دِیں۔
19 اور یُوسیاؔہ نے اُن اُونچے مقاموں کے سب گھروں کو بھی جو سامرِؔیہ کے شہروں میں تھے جِن کو اِسرائیلؔ کے بادشاہوں نے خُداوند کو غُصّہ دِلانے کو بنایا تھا ڈھایا اور جَیسا اُس نے بَیت اؔیل میں کِیا تھا وَیسا ہی اُن سے بھی کِیا۔ 20 اور اُس نے اُونچے مقاموں کے سب کاہِنوں کو جو وہاں تھے اُن مذبحوں پر قتل کِیا اور آدمِیوں کی ہڈِّیاں اُن پر جلائِیں۔ پِھر وہ یروشلیِم کو لَوٹ آیا۔
یُوسیاہ عِیدِ فَسح مناتا ہے
21 اور بادشاہ نے سب لوگوں کو یہ حُکم دِیا کہ خُداوند اپنے خُدا کے لِئے فَسح مناؤ جَیسا عہد کی اِس کِتاب میں لِکھا ہے۔ 22 اور یقِیناً قاضِیوں کے زمانہ سے جو اِسرائیلؔ کی عدالت کرتے تھے اور اِسرائیلؔ کے بادشاہوں اور یہُوداؔہ کے بادشاہوں کے کُل ایّام میں اَیسی عِیدِ فَسح کبھی نہیں ہُوئی تھی۔ 23 یُوسیاؔہ بادشاہ کے اٹھارھویں برس یہ فَسح یروشلیِم میں خُداوند کے لِئے منائی گئی۔
یُوسیاہ کی دُوسری اصلاحات
24 ماسِوا اِس کے یُوسیاؔہ نے جِنّات کے یاروں اور جادُوگروں اور مُورتوں اور بُتوں اور سب نفرتی چِیزوں کو جو مُلکِ یہُوداؔہ اور یروشلیِم میں نظر آئِیں دُور کر دِیا تاکہ وہ شرِیعت کی اُن باتوں کو پُورا کرے جو اُس کِتاب میں لِکھی تِھیں جو خِلقیاہ کاہِن کو خُداوند کے گھر میں مِلی تھی۔ 25 اور اُس سے پہلے کوئی بادشاہ اُس کی مانِند نہیں ہُؤا تھا جو اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان اور اپنے سارے زور سے مُوسیٰ کی ساری شرِیعت کے مُطابِق خُداوند کی طرف رجُوع لایا ہو اور نہ اُس کے بعد کوئی اُس کی مانِند برپا ہُؤا۔
26 باوُجُود اِس کے منسّی کی سب بدکارِیوں کی وجہ سے جِن سے اُس نے خُداوند کو غُصّہ دِلایا تھا خُداوند اپنے سخت و شدِید قہر سے جِس سے اُس کا غضب یہُوداؔہ پر بھڑکا تھا باز نہ آیا۔ 27 اور خُداوند نے فرمایا کہ مَیں یہُوداؔہ کو بھی اپنی آنکھوں کے سامنے سے دُور کرُوں گا جَیسے مَیں نے اِسرائیلؔ کو دُور کِیا اور مَیں اِس شہر کو جِسے مَیں نے چُنا یعنی یروشلیِم کو اور اِس گھر کو جِس کی بابت مَیں نے کہا تھا کہ میرا نام وہاں ہو گا ردّ کر دُوں گا۔
یُوسیاہ کے دورِ حُکُومت کا اِختتام
28 اور یُوسیاؔہ کے باقی کام اور سب کُچھ جو اُس نے کِیا سو کیا وہ یہُوداؔہ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟ 29 اُسی کے ایّام میں شاہِ مِصرؔ فرِعونؔ نِکو شاہِ اسُور پر چڑھائی کرنے کے لِئے دریایِ فرات کو گیا تھا اور یُوسیاؔہ بادشاہ اُس کا سامنا کرنے کو نِکلا۔ سو اُس نے اُسے دیکھتے ہی مجِدّو میں قتل کر دِیا۔ 30 اور اُس کے مُلازِم اُس کو ایک رتھ میں مجِدّو سے مرا ہُؤا لے گئے اور اُسے یروشلیِم میں لا کر اُسی کی قبر میں دفن کِیا اور اُس مُلک کے لوگوں نے یُوسیاؔہ کے بیٹے یہُوآؔخز کو لے کر اُسے مَسح کِیا اور اُس کے باپ کی جگہ اُسے بادشاہ بنایا۔
یہُوداؔہ کا بادشاہ یُہوؔآخز
31 اور یہُوآؔخز جب سلطنت کرنے لگا تو تیئِیس برس کا تھا۔ اُس نے یروشلیِم میں تِین مہِینے سلطنت کی۔ اُس کی ماں کا نام حمُوطل تھا جو لِبناہی یرمیاؔہ کی بیٹی تھی۔ 32 اور جو جو اُس کے باپ دادا نے کِیا تھا اُس کے مُطابِق اِس نے بھی خُداوند کی نظر میں بدی کی۔ 33 سو فرِعونؔ نِکوہ نے اُسے رِبلہ میں جو مُلکِ حمات میں ہے قَید کر دِیا تاکہ وہ یروشلیِم میں سلطنت نہ کرنے پائے اور اُس مُلک پر سَو قِنطار چاندی اور ایک قِنطار سونا خِراج مُقرّر کِیا۔ 34 اور فرِعونؔ نِکوہ نے یُوسیاؔہ کے بیٹے الِیاقِیم کو اُس کے باپ یُوسیاؔہ کی جگہ بادشاہ بنایا اور اُس کا نام بدل کر یہُوؔیقِیم رکھّا لیکن یہُوآؔخز کو لے گیا۔ سو وہ مِصرؔ میں آ کر وہاں مَر گیا۔
یہُوداؔہ کا بادشاہ یہُویقیم
35 اور یہُوؔیقِیم نے وہ چاندی اور سونا فرِعونؔ کو پُہنچایا پر اِس نقدی کو فرِعونؔ کے حُکم کے مُطابِق دینے کے لِئے اُس نے مُملکت پر خِراج مُقرّر کِیا یعنی اُس نے اُس مُلک کے لوگوں سے ہر شخص کے لگان کے مُطابِق چاندی اور سونا لِیا تاکہ فرِعونؔ نِکوہ کو دے۔
36 یہُوؔیقِیم جب سلطنت کرنے لگا تو پچِّیس برس کا تھا۔ اُس نے یروشلیِم میں گیارہ برس سلطنت کی۔ اُس کی ماں کا نام زبُودؔہ تھا جو رُوؔماہ کے فِدایاؔہ کی بیٹی تھی۔ 37 اور جو جو اُس کے باپ دادا نے کِیا تھا اُسی کے مُطابِق اُس نے بھی خُداوند کی نظر میں بدی کی۔
1 اُسی کے ایّام میں شاہِ بابل نبوکدؔنضر نے چڑھائی کی اور یہُوؔیقِیم تِین برس تک اُس کا خادِم رہا۔ تب وہ پِھر کر اُس سے مُنحرِف ہو گیا۔ 2 اور خُداوند نے کسدیوں کے دَل اور اراؔم کے دَل اور موآؔب کے دَل اور بنی عمُّون کے دَل اُس پر بھیجے اور یہُوداؔہ پر بھی بھیجے تاکہ اُسے جَیسا خُداوند نے اپنے بندوں نبیوں کی معرفت فرمایا تھا ہلاک کر دے۔ 3 یقِیناً خُداوند ہی کے حُکم سے یہُوداؔہ پر یہ سب کُچھ ہُؤا تاکہ منسّی کے سب گُناہوں کے باعِث جو اُس نے کِئے اُن کو اپنی نظر سے دُور کرے۔ 4 اور اُن سب بے گُناہوں کے خُون کے باعِث بھی جِسے منسّی نے بہایا کیونکہ اُس نے یروشلیِم کو بے گُناہوں کے خُون سے بھر دِیا تھا اور خُداوند نے مُعاف کرنا نہ چاہا۔
5 اور یہُوؔیقِیم کے باقی کام اور سب کُچھ جو اُس نے کِیا سو کیا وہ یہُوداؔہ کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟ 6 اور یہُوؔیقِیم اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا اور اُس کا بیٹا یہُویاؔکِین اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔
7 اور شاہِ مِصرؔ پِھر کبھی اپنے مُلک سے باہر نہ گیا کیونکہ شاہِ بابل نے مِصرؔ کے نالے سے دریایِ فراؔت تک سب کُچھ جو شاہِ مِصرؔ کا تھا لے لِیا تھا۔
یہُوداؔہ کا بادشاہ یہُویاکین
8 اور یہُویاؔکِین جب سلطنت کرنے لگا تو اٹھارہ برس کا تھا اور یروشلیِم میں اُس نے تِین مہِینے سلطنت کی۔ اُس کی ماں کا نام نحُشتا تھا جو یرُوشلِیمی اِلناؔتن کی بیٹی تھی۔ 9 اور جو جو اُس کے باپ نے کِیا تھا اُس کے مُطابِق اُس نے بھی خُداوند کی نظر میں بدی کی۔
10 اُس وقت شاہِ بابل نبوکدؔنضر کے خادِموں نے یروشلیِم پر چڑھائی کی اور شہر کا مُحاصرہ کر لِیا۔ 11 اور شاہِ بابل نبوکدؔنضر بھی جب اُس کے خادِموں نے اُس شہر کا مُحاصرہ کر رکھّا تھا وہاں آیا۔ 12 تب شاہِ یہُوداؔہ یہُوؔیاکِین اپنی ماں اور اپنے مُلازِموں اور سرداروں اور عُہدہ داروں سمیت نِکل کر شاہِ بابل کے پاس گیا اور شاہِ بابل نے اپنی سلطنت کے آٹھویں برس اُسے گرِفتار کِیا۔ 13 اور وہ خُداوند کے گھر کے سب خزانوں اور شاہی محلّ کے سب خزانوں کو وہاں سے لے گیا اور سونے کے سب برتنوں کو جِن کو شاہِ اِسرائیلؔ سُلیماؔن نے خُداوند کی ہَیکل میں بنایا تھا اُس نے کاٹ کر خُداوند کے کلام کے مُطابِق اُن کے ٹُکڑے ٹُکڑے کر دِئے۔ 14 اور وہ سارے یروشلیِم کو اور سب سرداروں اور سب سُورماؤں کو جو دس ہزار آدمی تھے اور سب دستکاروں اور لُہاروں کو اسِیر کر کے لے گیا۔ سو وہاں مُلک کے لوگوں میں سے سِوا کنگالوں کے اَور کوئی باقی نہ رہا۔
15 اور یہُوؔیاکِین کو وہ بابل لے گیا اور بادشاہ کی ماں اور بادشاہ کی بِیویوں اور اُس کے عُہدہ داروں اور مُلک کے رئِیسوں کو وہ اسِیر کر کے یروشلیِم سے بابل کولے گیا۔ 16 اور سب طاقتور آدمِیوں کو جو سات ہزار تھے اور دستکاروں اور لُہاروں کو جو ایک ہزار تھے اور سب کے سب مضبُوط اور جنگ کے لائِق تھے شاہِ بابل اسِیر کر کے بابل میں لے آیا۔
17 اور شاہِ بابل نے اُس کے باپ کے بھائی متّنیاؔہ کو اُس کی جگہ بادشاہ بنایا اور اُس کا نام بدل کر صِدقیاہ رکھّا۔
یہُوداؔہ کا بادشاہ صدقیاہ
18 جب صِدقیاؔہ سلطنت کرنے لگا تو اِکِّیس برس کا تھا اور اُس نے گیارہ برس یروشلیِم میں سلطنت کی۔ اُس کی ماں کا نام حمُوؔطل تھا جو لِبناہی یرمیاؔہ کی بیٹی تھی۔ 19 اور جو جو یہُوؔیقِیم نے کِیا تھا اُسی کے مُطابِق اُس نے بھی خُداوند کی نظر میں بدی کی۔ 20 کیونکہ خُداوند کے غضب کے سبب سے یروشلیِم اور یہُوداؔہ کی یہ نَوبت آئی کہ آخِر اُس نے اُن کو اپنے حضُور سے دُور ہی کر دِیا اور صِدقیاہ شاہِ بابل سے مُنحرِف ہو گیا۔
سقُوطِ یروشلیِم
1 اور اُس کی سلطنت کے نویں برس کے دسویں مہِینے کے دسویں دِن یُوں ہُؤا کہ شاہِ بابل نبوکدؔنضر نے اپنی ساری فَوج سمیت یروشلیِم پر چڑھائی کی اور اُس کے مُقابِل خَیمہ زن ہُؤا اور اُنہوں نے اُس کے مُقابِل گِرداگِرد حصار بنائے۔ 2 اور صِدقیاہ بادشاہ کی سلطنت کے گیارھویں برس تک شہر کا مُحاصرہ رہا۔ 3 اور چَوتھے مہِینے کے نویں دِن سے شہر میں کال اَیسا سخت ہو گیا کہ مُلک کے لوگوں کے لِئے خُورِش نہ رہی۔ 4 تب شہر پناہ میں رخنہ ہو گیا اور دونوں دِیواروں کے درمِیان جو پھاٹک شاہی باغ کے برابر تھا اُس سے سب جنگی مرد رات ہی رات بھاگ گئے (اُس وقت کسدی شہر کو گھیرے ہُوئے تھے) اور بادشاہ نے بیابان کا راستہ لِیا۔ 5 لیکن کسدیوں کی فَوج نے بادشاہ کا پِیچھا کِیا اور اُسے یریحُو کے مَیدان میں جا لِیا اور اُس کا سارا لشکر اُس کے پاس سے پراگندہ ہو گیا تھا۔ 6 سو وہ بادشاہ کو پکڑ کر رِبلہ میں شاہِ بابل کے پاس لے گئے اور اُنہوں نے اُس پر فتویٰ دِیا۔ 7 اور اُنہوں نے صِدقیاہ کے بیٹوں کو اُس کی آنکھوں کے سامنے ذبح کِیا اور صِدقیاہ کی آنکھیں نِکال ڈالِیں اور اُسے زنجِیروں سے جکڑ کر بابل کو لے گئے۔
ہَیکل کی بربادی
8 اور شاہِ بابل نبوکدنضر کے عہد کے اُنّیِسویں برس کے پانچویں مہِینے کے ساتویں دِن شاہِ بابل کا ایک خادِم نبوزرادان جو جلوداروں کا سردار تھا یروشلیِم میں آیا۔ 9 اور اُس نے خُداوند کا گھر اور بادشاہ کا قصر اور یروشلیِم کے سب گھر یعنی ہر ایک بڑا گھر آگ سے جلا دِیا۔ 10 اور کسدیوں کے سارے لشکر نے جو جلوداروں کے سردار کے ہمراہ تھا یروشلیِم کی فصِیل کو چاروں طرف سے گِرا دِیا۔ 11 اور باقی لوگوں کو جو شہر میں رہ گئے تھے اور اُن کو جِنہوں نے اپنوں کو چھوڑ کر شاہِ بابل کی پناہ لی تھی اور عوام میں سے جِتنے باقی رہ گئے تھے اُن سب کو نبوزرادان جلوداروں کا سردار اسِیر کر کے لے گیا۔ 12 پر جلوداروں کے سردار نے مُلک کے کنگالوں کو رہنے دِیا تاکہ کھیتی اور تاکِستانوں کی باغبانی کریں۔
13 اور پِیتل کے اُن سُتُونوں کو جو خُداوند کے گھر میں تھے اور کُرسِیوں کو اور پِیتل کے بڑے حَوض کو جو خُداوند کے گھر میں تھا کسدیوں نے توڑ کر ٹُکڑے ٹُکڑے کِیا اور اُن کا پِیتل بابل کو لے گئے۔ 14 اور تمام دیگیں اور بیلچے اور گُلگِیر اور چمچے اور پِیتل کے تمام برتن جو وہاں کام آتے تھے لے گئے۔ 15 اور انگِیٹِھیاں اور کٹورے غرض جو کُچھ سونے کا تھا اُس کے سونے کو اور جو کُچھ چاندی کا تھا اُس کی چاندی کو جلوداروں کا سردار لے گیا۔ 16 وہ دونوں سُتُون اور وہ بڑا حَوض اور وہ کُرسِیاں جِن کو سُلیماؔن نے خُداوند کے گھر کے لِئے بنایا تھا اِن سب چِیزوں کے پِیتل کا وزن بے حِساب تھا۔ 17 ایک سُتُون اٹھارہ ہاتھ اُونچا تھا اور اُس کے اُوپر پِیتل کا ایک تاج تھا اور وہ تاج تِین ہاتھ بُلند تھا۔ اُس تاج پر گِرداگِرد جالِیاں اور انار کی کلِیاں سب پِیتل کی بنی ہُوئی تِھیں اور دُوسرے سُتُون کے لوازِم بھی جالی سمیت اِن ہی کی طرح تھے۔
یہُوداؔہ کے لوگوں کو بابل لے جایا جاتا ہے
18 اور جلوداروں کے سردار نے سِرایاؔہ سردار کاہِن کو اور کاہِنِ ثانی صفنیاؔہ کو اور تِینوں دربانوں کو پکڑ لِیا۔ 19 اور اُس نے شہر میں سے ایک سردار کو پکڑ لِیا جو جنگی مَردوں پر مُقرّر تھا اور جو لوگ بادشاہ کے حضُور حاضِر رہتے تھے اُن میں سے پانچ آدمِیوں کو جو شہر میں مِلے اور لشکر کے بڑے مُحرِّر کو جو اہلِ مُلک کی مَوجُودات لیتا تھا اور مُلک کے لوگوں میں سے ساٹھ آدمِیوں کو جو شہر میں مِلے۔ 20 اِن کو جلوداروں کا سردار نبوزراداؔن پکڑ کر شاہِ بابل کے حضُور رِبلہ میں لے گیا۔ 21 اور شاہِ بابل نے حماؔت کے عِلاقہ کے رِبلہ میں اِن کو مارا اور قتل کِیا۔
سو یہُوداؔہ بھی اپنے مُلک سے اسِیر ہو کر چلا گیا۔
یہُوداؔہ کا حاکِم (گورنر) جَدلیاہ
22 اور جو لوگ یہُوداؔہ کی سرزمِین میں رہ گئے جِن کو نبوکدؔنضر شاہِ بابل نے چھوڑ دِیا اُن پر اُس نے جدَلیاؔہ بِن اخی قاؔم بِن سافن کو حاکِم مُقرّر کِیا۔ 23 جب جتھوں کے سب سرداروں اور اُن کی سِپاہ نے یعنی اِسمٰعیل بِن نتنیاؔہ اور یُوحنان بِن قرِیح اور سِرایاؔہ بِن تنحُومت نطُوفاتی اور یازنیاؔہ بِن معکاتی نے سُنا کہ شاہِ بابل نے جدِلیاؔہ کو حاکِم بنایا ہے تو وہ اپنے لوگوں سمیت مِصفاہ میں جدِلیاؔہ کے پاس آئے۔ 24 اور جدِلیاؔہ نے اُن سے اور اُن کی سِپاہ سے قَسم کھا کر کہا کسدیوں کے مُلازِموں سے مت ڈرو۔ مُلک میں بسے رہو اور شاہِ بابل کی خِدمت کرو اور تُمہاری بھلائی ہو گی۔
25 مگر ساتویں مہِینے اَیسا ہُؤا کہ اِسمٰعیل بِن نتنیاؔہ بِن الِیسمع جو بادشاہ کی نسل سے تھا اپنے ساتھ دس مَرد لے کر آیا اور جدِلیاؔہ کو اَیسا مارا کہ وہ مَر گیا اور اُن یہُودیوں اور کسدیوں کو بھی جو اُس کے ساتھ مِصفاہ میں تھے قتل کِیا۔ 26 تب سب لوگ کیا چھوٹے کیا بڑے اور جتھوں کے سردار اُٹھ کر مِصرؔ کو چلے گئے کیونکہ وہ کسدیوں سے ڈرتے تھے۔
یہُویاکین کی قَید خانہ سے رہائی
27 اور یہُوؔیاکِین شاہِ یہُوداؔہ کی اسِیری کے سَینتِیسویں برس کے بارھویں مہِینے کے ستائِیسویں دِن اَیسا ہُؤا کہ شاہِ بابل اوِیل مُرودؔک نے اپنی سلطنت کے پہلے ہی سال یہُوؔیاکِین شاہِ یہُوداؔہ کو قَید خانہ سے نِکال کر سرفراز کِیا۔ 28 اور اُس کے ساتھ مِہر سے باتیں کِیں اور اُس کی کُرسی اُن سب بادشاہوں کی کُرسِیوں سے جو اُس کے ساتھ بابل میں تھے بُلند کی۔ 29 سو وہ اپنے قَید خانہ کے کپڑے بدل کر عُمر بھر برابر اُس کے حضُور کھانا کھاتا رہا۔ 30 اور اُس کو عُمر بھر بادشاہ کی طرف سے وظِیفہ کے طَور پر ہر روز رسد مِلتی رہی۔