۲-سموئیل

دوسرے سموئیل کتاب بائبل کے قدیم عہدنامے کا ایک اہم حصہ ہے، جو اسرائیل کے بادشاہوں کے عہد اور ان کے اقتدار کی تفصیل بیان کرتی ہے۔ یہ کتاب داؤد کے بادشاہ بننے اور اس کی سلطنت کے مضبوط ہونے کی کہانی بیان کرتی ہے۔ کتاب میں روحانیت، قیادت اور اخلاقی اصولوں پر زور دیا گیا ہے۔ اس میں جنگوں، سیاست، اور ذاتی جدوجہد کے ساتھ ساتھ خدا کے ساتھ تعلقات کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔

داؤؔد کو ساؤُل کی وفات کی خبر مِلتی ہے
1 اور ساؤُل کی مَوت کے بعد جب داؤُد عمالِیقِیوں کو مار کر لَوٹا اور داؤُد کو صِقلاج میں رہتے ہُوئے دو دِن ہو گئے۔ 2 تو تِیسرے دِن اَیسا ہُؤا کہ ایک شخص لشکر گاہ میں سے ساؤُل کے پاس سے پَیراہِن چاک کِئے اور سر پر خاک ڈالے ہُوئے آیا اور جب وہ داؤُد کے پاس پُہنچا تو زمِین پر گِرا اور سِجدہ کِیا۔ 3 داؤُد نے اُس سے کہا تُو کہاں سے آتا ہے؟
اُس نے اُس سے کہا مَیں اِسرائیلؔ کی لشکر گاہ میں سے بچ نِکلا ہُوں۔
4 تب داؤُد نے اُس سے پُوچھا کیا حال رہا؟ ذرا مُجھے بتا۔
اُس نے کہا کہ لوگ جنگ میں سے بھاگ گئے۔ اور بُہت سے گِرے اور مَر گئے اور ساؤُل اور اُس کا بیٹا یُونتن بھی مَر گئے ہیں۔
5 تب داؤُد نے اُس جوان سے جِس نے اُس کو یہ خبر دی کہا تُجھے کَیسے معلُوم ہے کہ ساؤُل اور اُس کا بیٹا یُونتن مَر گئے؟
6 وہ جوان جِس نے اُس کو یہ خبر دی کہنے لگا کہ مَیں کوہِ جِلبُوعہ پر اِتفاقاً وارِد ہُؤا اور کیا دیکھا کہ ساؤُل اپنے نیزہ پر جُھکا ہُؤا ہے اور رتھ اور سوار اُس کا پِیچھا کِئے آ رہے ہیں۔ 7 اور جب اُس نے اپنے پِیچھے نِگاہ کی تو مُجھ کو دیکھا اور مُجھے پُکارا۔ مَیں نے جواب دِیا مَیں حاضِر ہُوں۔ 8 اُس نے مُجھے کہا تُو کَون ہے؟ مَیں نے اُسے جواب دِیا مَیں عمالِیقی ہُوں۔ 9 پِھر اُس نے مُجھ کہا میرے پاس کھڑا ہو کر مُجھے قتل کر ڈال کیونکہ مَیں بڑے عذاب میں ہُوں اور اب تک میرا دَم مُجھ میں ہے۔ 10 تب مَیں نے اُس کے پاس کھڑے ہو کر اُسے قتل کِیا کیونکہ مُجھے یقِین تھا کہ اب جو وہ گِرا ہے تو بچے گا نہیں اور مَیں اُس کے سر کا تاج اور بازُو پر کا کنگن لے کر اُن کو اپنے خُداوند کے پاس لایا ہُوں۔
11 تب داؤُد نے اپنے کپڑوں کو پکڑ کر اُن کو پھاڑ ڈالا اور اُس کے ساتھ کے سب آدمِیوں نے بھی اَیسا ہی کِیا۔ 12 اور وہ ساؤُل اور اُس کے بیٹے یُونتن اور خُداوند کے لوگوں اور اِسرائیلؔ کے گھرانے کے لِئے نَوحہ کرنے اور رونے لگے اور شام تک روزہ رکھّا اِس لِئے کہ وہ تلوار سے مارے گئے تھے۔
13 پِھر داؤُد نے اُس جوان سے جو یہ خبر لایا تھا پُوچھا کہ تُو کہاں کا ہے؟
اُس نے کہا مَیں ایک پردیسی کا بیٹا اور عمالِیقی ہُوں۔
14 داؤُد نے اُس سے کہا تُو خُداوند کے ممسُوح کو ہلاک کرنے کے لِئے اُس پر ہاتھ چلانے سے کیوں نہ ڈرا؟ 15 پِھر داؤُد نے ایک جوان کو بُلا کر کہا نزدِیک جا اور اُس پر حملہ کر۔ سو اُس نے اُسے اَیسا مارا کہ وہ مَر گیا۔ 16 اور داؤُد نے اُس سے کہا تیرا خُون تیرے ہی سر پر ہو کیونکہ تُو ہی نے اپنے مُنہ سے آپ اپنے اُوپر گواہی دی اور کہا کہ مَیں نے خُداوند کے ممسُوح کو جان سے مارا۔
ساؤُل اور یُونتن پر داؤُد کا نَوحہ
17 اور داؤُد نے ساؤُل اور اُس کے بیٹے یُونتن پر اِس مرثِیہ کے ساتھ ماتم کِیا۔ 18 اور اُس نے اُن کو حُکم دِیا کہ بنی یہُوداؔہ کو کمان کا گِیت سِکھائِیں۔ دیکھو وہ یاشر کی کِتاب میں لِکھا ہے۔
19 اَے اِسرائیلؔ! تیرے ہی اُونچے مقاموں پر
تیرا فخر مارا گیا۔
ہائے! زبردست کَیسے کھیت آئے!
20 یہ جات میں نہ بتانا۔
اسقلوؔن کے کُوچوں میں اِس کی خبر نہ کرنا۔
نہ ہو کہ فِلستِیوں کی بیٹِیاں خُوش ہوں۔
نہ ہو کہ نامختُونوں کی بیٹِیاں فخر کریں۔
21 اَے جِلبُوعہ کے پہاڑو!
تُم پر نہ اوس پڑے اور نہ بارِش ہو اور نہ ہدیہ کی
چِیزوں کے کھیت ہوں۔
کیونکہ وہاں زبردستوں کی سِپر بُری طرح سے پھینک
دی گئی
یعنی ساؤُل کی سِپر جِس پر تیل نہیں لگایا گیا تھا۔
22 مقتُولوں کے خُون سے زبردستوں کی چربی سے
یُونتن کی کمان کبھی نہ ٹلی
اور ساؤُل کی تلوار خالی نہ لَوٹی۔
23 ساؤُل اور یُونتن اپنے جِیتے جی عزِیز اور دِل پسند تھے
اور اپنی مَوت کے وقت الگ نہ ہُوئے۔
وہ عُقابوں سے تیز
اور شیرِ بَبروں سے زورآور تھے۔
24 اَے اِسرائیلؔ کی بیٹِیو! ساؤُل پر رو۔
جِس نے تُم کو نفِیس نفِیس ارغوانی لِباس پہنائے اور سونے کے زیوروں سے تُمہاری پوشاک کو آراستہ کِیا۔
25 ہائے لڑائی میں زبردست کَیسے کھیت آئے!
یُونتن تیرے اُونچے مقاموں پر قتل ہُؤا۔
26 اَے میرے بھائی یُونتن! مُجھے تیرا غم ہے۔
تُو مُجھ کو بُہت ہی مرغُوب تھا۔
تیری مُحبّت میرے لِئے عجِیب تھی۔
عَورتوں کی مُحبّت سے بھی زِیادہ۔
27 ہائے زبردست کَیسے کھیت آئے
اور جنگ کے ہتھیار نابُود ہو گئے!
داؤُد کو یہُوداؔہ کا بادشاہ بنایا جاتا ہے
1 اور اِس کے بعد اَیسا ہُؤا کہ دؔاؤُد نے خُداوند سے پُوچھا کہ کیا مَیں یہُوداؔہ کے شہروں میں سے کِسی میں چلا جاؤں؟
خُداوند نے اُس سے کہا جا۔
داؤُد نے کہا کِدھر جاؤُں؟
اُس نے فرمایا حبرُوؔن کو۔ 2 سو داؤُد مع اپنی دونوں بِیوِیوں یِزرعیلی اخِینوؔعم اور کرِمِلی ناباؔل کی بِیوی ابِیجیلؔ کے وہاں گیا۔ 3 اور داؤُد اپنے ساتھ کے آدمِیوں کو بھی ایک ایک کے گھرانے سمیت وہاں لے گیا اور وہ حبرُوؔن کے شہروں میں رہنے لگے۔ 4 تب یہُوداؔہ کے لوگ آئے اور وہاں اُنہوں نے داؤُد کو مَسح کر کے یہُوداؔہ کے خاندان کا بادشاہ بنایا۔
اور اُنہوں نے داؤُد کو بتایا کہ یبِیس جِلعاد کے لوگوں نے ساؤُل کو دفن کِیا تھا۔ 5 سو داؤُد نے یبِیس جِلعاد کے لوگوں کے پاس قاصِد روانہ کِئے اور اُن کو کہلا بھیجا کہ خُداوند کی طرف سے تُم مُبارک ہو اِس لِئے کہ تُم نے اپنے مالِک ساؤُل پر یہ اِحسان کِیا اور اُسے دفن کِیا۔ 6 سو خُداوند تُمہارے ساتھ رحمت اور سچّائی کو عمل میں لائے اور مَیں بھی تُم کو اِس نیکی کا بدلہ دُوں گا اِس لِئے کہ تُم نے یہ کام کِیا۔ 7 پس تُمہارے بازُو قوّی ہوں اور تُم دِلیر رہو کیونکہ تُمہارا مالِک ساؤُل مَر گیا اور یہُوداؔہ کے گھرانے نے مَسح کر کے مُجھے اپنا بادشاہ بنایا ہے۔
اِشبوست کو اِسرائیلؔ کا بادشاہ بنایا جاتا ہے
8 لیکن نیر کے بیٹے ابنیر نے جو ساؤُل کے لشکر کا سردار تھا ساؤُل کے بیٹے اِشبوؔست کو لے کر اُسے محنایم میں پُہنچایا۔ 9 اور اُسے جِلعاد اور آشریوں اور یزرؔعیل اور اِفراؔئِیم اور بِنیمِین اور تمام اِسرائیلؔ کا بادشاہ بنایا۔ 10 (اور ساؤُل کے بیٹے اِشبوؔست کی عُمر چالِیس برس کی تھی جب وہ اِسرائیلؔ کا بادشاہ ہُؤا اور اُس نے دو برس بادشاہی کی)
لیکن یہُوداؔہ کے گھرانے نے داؤُد کی پَیروی کی۔ 11 اور داؤُد حبرُوؔن میں بنی یہُوداؔہ پر سات برس چھ مہِینے تک حُکمران رہا۔
اِسرائیلؔ اور یہُوداؔہ کے درمیان جنگ
12 پِھر نیر کا بیٹا ابنیر اور ساؤُل کے بیٹے اِشبوؔست کے خادِم محنایم سے جِبعُوؔن میں آئے۔ 13 اور ضرویاؔہ کا بیٹا یوآب اور داؤُد کے مُلازِم نِکلے اور جِبعُوؔن کے تالاب پر اُن سے مِلے اور دونوں فرِیق بَیٹھ گئے۔ ایک تالاب کی اِس طرف اور دُوسرا تالاب کی دُوسری طرف۔ 14 تب ابنیر نے یوآب سے کہا ذرا یہ جوان اُٹھ کر ہمارے سامنے کھیلیں۔
یوآب نے کہا اُٹھیں۔
15 تب وہ اُٹھ کر تعداد کے مُطابِق آمنے سامنے ہُوئے یعنی ساؤُل کے بیٹے اِشبوؔست اور بِنیمِین کی طرف سے بارہ جوان اور داؤُد کے خادِموں میں سے بارہ آدمی۔ 16 اور اُنہوں نے ایک دُوسرے کا سر پکڑ کر اپنی اپنی تلوار اپنے مُخالِف کے پہلُو میں بھونک دی۔ سو وہ ایک ہی ساتھ گِرے اِس لِئے وہ جگہ حلقت ہصّورِؔیم کہلائی۔ وہ جِبعُوؔن میں ہے۔
17 اور اُس روز بڑی سخت لڑائی ہُوئی اور ابنیر اور اِسرائیلؔ کے لوگوں نے داؤُد کے خادِموں سے شِکست کھائی۔ 18 اور ضروؔیاہ کے تِینوں بیٹے یوآب اور ابیشے اور عساہیل وہاں مَوجُود تھے اور عساہیل جنگلی ہرن کی مانِند سُبک پا تھا۔ 19 اور عساہیل نے ابنیر کا پِیچھا کِیا اور ابنیر کا پِیچھا کرتے وقت وہ دہنے یا بائیں ہاتھ نہ مُڑا۔ 20 تب ابنیر نے اپنے پِیچھے نظر کر کے اُس سے کہا اَے عساہیل! کیا تُو ہے؟
اُس نے کہا ہاں۔
21 ابنیر نے اُس سے کہا اپنی دہنی یا بائیں سمت کو مُڑ جا اور جوانوں میں سے کِسی کو پکڑ کر اُس کے ہتھیار لُوٹ لے پر عساہیل اُس کا پِیچھا کرنے سے باز نہ آیا۔ 22 ابنیر نے عساہیل سے پِھر کہا میرا پِیچھا کرنے سے باز رہ۔ مَیں کَیسے تُجھے زمِین پر مار کر ڈال دُوں کیونکہ پِھر مَیں تیرے بھائی یوآب کو کیا مُنہ دِکھاؤُں گا؟ 23 اِس پر بھی اُس نے مُڑنے سے اِنکار کِیا۔ تب ابنیر نے اپنے بھالے کے پِچھلے سِرے سے اُس کے پیٹ پر اَیسا مارا کہ وہ پار ہو گیا۔ سو وہ وہاں گِرا اور اُسی جگہ مَر گیا اور اَیسا ہُؤا کہ جِتنے اُس جگہ آئے جہاں عساہیل گِر کر مَرا تھا وہ وہِیں کھڑے رہ گئے۔
24 لیکن یوآب اور ابیشے ابنیر کا پِیچھا کرتے رہے اور جب وہ کوہِ اَمّہ تک جو دشتِ جِبعُوؔن کے راستہ میں جیاح کے مُقابِل ہے پُہنچے تو سُورج ڈُوب گیا۔ 25 اور بنی بِنیمِین ابنیر کے پِیچھے اِکٹّھے ہُوئے اور ایک دستہ بن گئے اور ایک پہاڑ کی چوٹی پر کھڑے ہُوئے۔ 26 تب ابنیر نے یوآب کو پُکار کر کہا کیا تلوار ابد تک ہلاک کرتی رہے؟ کیا تُو نہیں جانتا کہ اِس کا انجام کڑواہٹ ہو گا؟ تُو کب لوگوں کو حُکم دے گا کہ اپنے بھائِیوں کا پِیچھا چھوڑ کر لَوٹ جائیں؟
27 یوآب نے کہا زِندہ خُدا کی قَسم اگر تُو نہ بولا ہوتا تو لوگ صُبح ہی کو ضرُور چلے جاتے اور اپنے بھائِیوں کا پِیچھا نہ کرتے۔ 28 پِھر یوآب نے نرسِنگا پُھونکا اور سب لوگ ٹھہر گئے اور اِسرائیلؔ کا پِیچھا پِھر نہ کِیا اور نہ پِھر لڑے۔
29 اور ابنیر اور اُس کے لوگ اُس ساری رات مَیدان میں چلے اور یَردن کے پار ہُوئے اور سب بِتروؔن سے گُذر کر محنایم میں آ پُہنچے۔
30 اور یوآب ابنیر کا پِیچھا چھوڑ کر لَوٹا اور اُس نے جو سب آدمِیوں کو جمع کِیا تو داؤُد کے مُلازِموں میں سے اُنّیس آدمی اور عساہیل کم نِکلے۔ 31 پر داؤُد کے مُلازِموں نے بِنیمِین میں سے اور ابنیر کے لوگوں میں سے اِتنے مار دِئے کہ تِین سَو ساٹھ آدمی مَر گئے۔ 32 اور اُنہوں نے عساہیل کو اُٹھا کر اُسے اُس کے باپ کی قبر میں جو بَیت لحم میں تھی دفن کِیا اور یوآب اور اُس کے لوگ ساری رات چلے اور حبرُوؔن پُہنچ کر اُن کو دِن نِکلا۔
1 الغرض ساؤُل کے گھرانے اور داؤُد کے گھرانے میں مُدّت تک جنگ رہی اور داؤُد روز بروز زورآور ہوتا گیا اور ساؤُل کا خاندان کمزور ہوتا گیا۔
داؤُد کے بیٹے
2 اور حبرُوؔن میں داؤُد کے ہاں بیٹے پَیدا ہُوئے۔ امنُوؔن اُس کا پہلوٹھا تھا جو یزرعیلی اخِینوؔعم کے بطن سے تھا۔ 3 اور دُوسرا کِلیاؔب تھا جو کرِمِلی نابال کی بِیوی ابِیجیلؔ سے ہُؤا۔ تِیسرا ابی سلوؔم تھا جو جسُور کے بادشاہ تلمی کی بیٹی معکہ سے ہُؤا۔ 4 چَوتھا ادونیاؔہ تھا جو حِجیّت کا بیٹا تھا اور پانچواں سفطیاہ جو ابیطاؔل کا بیٹا تھا۔ 5 اور چھٹا اِترِعاؔم تھا جو داؤُد کی بِیوی عِجلاہ سے ہُؤا۔ یہ داؤُد کے ہاں حبرُوؔن میں پَیدا ہُوئے۔
اؔبنیر داؔؤُد سے آ مِلتا ہے
6 اور جب ساؤُل کے گھرانے اور داؤُد کے گھرانے میں جنگ ہو رہی تھی تو ابنیر نے ساؤُل کے گھرانے میں خُوب زور پَیدا کر لِیا۔
7 اور ساؤُل کی ایک حرم تھی جِس کا نام رِصفاہ تھا۔ وہ ایاّہ کی بیٹی تھی۔ سو اِشبوست نے ابنیر سے کہا تُو میرے باپ کی حرم کے پاس کیوں گیا؟ 8 ابنیر اِشبوؔست کی اِن باتوں سے بُہت غُصّہ ہو کر کہنے لگا کیا مَیں یہُوداؔہ کے کِسی کُتّے کا سر ہُوں؟ آج تک مَیں تیرے باپ ساؤُل کے گھرانے اور اُس کے بھائِیوں اور دوستوں سے مِہربانی سے پیش آتا رہا ہُوں اور تُجھے داؤُد کے حوالہ نہیں کِیا تَو بھی تُو آج اِس عَورت کے ساتھ مُجھ پر عَیب لگاتا ہے؟ 9 خُدا ابنیر سے وَیسا ہی بلکہ اُس سے زِیادہ کرے اگر مَیں داؤُد سے وُہی سلُوک نہ کرُوں جِس کی قَسم خُداوند نے اُس کے ساتھ کھائی تھی۔ 10 تاکہ سلطنت کو ساؤُل کے گھرانے سے مُنتقِل کر کے داؤُد کے تخت کو اِسرائیلؔ اور یہُوداؔہ دونوں پر دان سے بیرسبع تک قائِم کرُوں۔ 11 اور وہ ابنیر کو ایک لفظ جواب نہ دے سکا اِس لِئے کہ اُس سے ڈرتا تھا۔
12 اور ابنیر نے اپنی طرف سے داؤُد کے پاس قاصِد روانہ کِئے اور کہلا بھیجا کہ مُلک کِس کا ہے؟ تُو میرے ساتھ اپنا عہد باندھ اور دیکھ میرا ہاتھ تیرے ساتھ ہو گا تاکہ سارے اِسرائیلؔ کو تیری طرف مائِل کرُوں۔
13 اُس نے کہا اچّھا مَیں تیرے ساتھ عہد باندُھوں گا پر مَیں تُجھ سے ایک بات چاہتا ہُوں اور وہ یہ ہے کہ جب تُو مُجھ سے مِلنے کو آئے تو جب تک ساؤُل کی بیٹی مِیکل کو پہلے اپنے ساتھ نہ لائے تُو میرا مُنہ دیکھنے نہیں پائے گا۔ 14 اور داؤُد نے ساؤُل کے بیٹے اِشبوؔست کو قاصِدوں کی معرفت کہلا بھیجا کہ میری بِیوی مِیکل کو جِس کو مَیں نے فِلستِیوں کی سَو کھلڑِیاں دے کر بیاہا تھا میرے حوالہ کر۔ 15 سو اِشبوؔست نے لوگ بھیج کر اُسے اُس کے شَوہر لیَس کے بیٹے فلطی ایل سے چِھین لِیا۔ 16 اور اُس کا شَوہر اُس کے ساتھ چلا اور اُس کے پِیچھے پِیچھے بحورِؔیم تک روتا ہُؤا چلا آیا۔ تب ابنیر نے اُس سے کہا لَوٹ جا۔ سو وہ لَوٹ گیا۔
17 اور ابنیر نے اِسرائیلی بزُرگوں کے پاس خبر بھیجی کہ گُذرے دِنوں میں تُم یہ چاہتے تھے کہ داؤُد تُم پر بادشاہ ہو۔ 18 پس اب اَیسا کر لو کیونکہ خُداوند نے داؤُد کے حق میں فرمایا ہے کہ مَیں اپنے بندہ داؤُد کی معرفت اپنی قَوم اِسرائیلؔ کو فِلستِیوں اور اُن کے سب دُشمنوں کے ہاتھ سے رہائی دُوں گا۔ 19 اور ابنیر نے بنی بِنیمِین سے بھی باتیں کِیں اور ابنیر چلا کہ جو کُچھ اِسرائیلِیوں اور بِنیمِین کے سارے گھرانے کو اچّھا لگا اُسے حبرُوؔن میں داؤُد کو کہہ سُنائے۔
20 سو ابنیر حبرُوؔن میں داؤُد کے پاس آیا اور بِیس آدمی اُس کے ساتھ تھے۔ تب داؤُد نے ابنیر اور اُن لوگوں کی جو اُس کے ساتھ تھے ضِیافت کی۔ 21 اور ابنیر نے داؤُد سے کہا اب مَیں اُٹھ کر جاؤں گا اور سارے اِسرائیلؔ کو اپنے مالِک بادشاہ کے پاس اِکٹّھا کرُوں گا تاکہ وہ تُجھ سے عہد باندھیں اور تُو جِس جِس پر تیرا جی چاہے سلطنت کرے۔ سو داؤُد نے ابنیر کو رُخصت کِیا اور وہ سلامت چلا گیا۔
ابنیر کا قتل
22 داؤُد کے لوگ اور یوآب کِسی دھاوے سے لُوٹ کا بُہت سا مال اپنے ساتھ لے کر آئے لیکن ابنیر حبرُوؔن میں داؤُد کے پاس نہیں تھا کیونکہ اُس نے اُسے رُخصت کر دِیا تھا اور وہ سلامت چلا گیا تھا۔ 23 اور جب یوآب اور لشکر کے سب لوگ جو اُس کے ساتھ تھے آئے تو اُنہوں نے یوآب کو بتایا کہ نیر کا بیٹا ابنیر بادشاہ کے پاس آیا تھا اور اُس نے اُسے رُخصت کر دِیا اور وہ سلامت چلا گیا۔ 24 تب یوآب بادشاہ کے پاس آ کر کہنے لگا یہ تُو نے کیا کِیا؟ دیکھ! ابنیر تیرے پاس آیا تھا سو تُو نے اُسے کیوں رُخصت کر دِیا کہ وہ نِکل گیا؟ 25 تُو نیر کے بیٹے ابنیر کو جانتا ہے کہ وہ تُجھ کو دھوکا دینے اور تیرے آنے جانے اور تیرے سارے کام کا بھید لینے آیا تھا۔
26 جب یوآب داؤُد کے پاس سے باہر نِکلا تو اُس نے ابنیر کے پِیچھے قاصِد بھیجے اور وہ اُس کو سِیرؔہ کے کنُوئیں سے لَوٹا لے آئے پر یہ داؤُد کو معلُوم نہیں تھا۔ 27 جب ابنیر حبرُوؔن میں لَوٹ آیا تو یوآب اُسے الگ پھاٹک کے اندر لے گیا تاکہ اُس کے ساتھ چُپکے چُپکے بات کرے اور وہاں اپنے بھائی عساہیل کے خُون کے بدلہ میں اُس کے پیٹ میں اَیسا مارا کہ وہ مَر گیا۔ 28 بعد میں جب داؤُد نے یہ سُنا تو کہا کہ مَیں اور میری سلطنت دونوں ہمیشہ تک خُداوند کے آگے نیر کے بیٹے ابنیر کے خُون کی طرف سے بے گُناہ ہیں۔ 29 وہ یوآب اور اُس کے باپ کے سارے گھرانے کے سر لگے اور یوآب کے گھرانے میں کوئی نہ کوئی اَیسا ہوتا رہے جِسے جریان ہو یا جو کوڑھی ہو یا بَیساکھی پر چلے یا تلوار سے مَرے یا ٹُکڑے ٹُکڑے کو مُحتاج ہو۔ 30 سو یوآب اور اُس کے بھائی ابِیشے نے ابنیر کو مار دِیا اِس لِئے کہ اُس نے جِبعُوؔن میں اُن کے بھائی عساہیل کو لڑائی میں قتل کِیا تھا۔
ابنیر کی تدفِین
31 اور داؤُد نے یوآب سے اور اُن سب لوگوں سے جو اُس کے ساتھ تھے کہا کہ اپنے کپڑے پھاڑو اور ٹاٹ پہنو اور ابنیر کے آگے آگے ماتم کرو اور داؤُد بادشاہ آپ جنازہ کے پِیچھے پِیچھے چلا۔ 32 اور اُنہوں نے ابنیر کو حبرُوؔن میں دفن کِیا اور بادشاہ ابنیر کی قبر پر چِلاّ چِلاّ کر رویا اور سب لوگ بھی روئے۔ 33 اور بادشاہ نے ابنیر پر یہ مرثِیہ کہا۔
کیا ابنیر کو اَیسا ہی مَرنا تھا جَیسے احمق مَرتا ہے؟
34 تیرے ہاتھ بندھے نہ تھے اور نہ تیرے پاؤں
بیڑیوں میں تھے۔
جَیسے کوئی بدکاروں کے ہاتھ سے مَرتا ہے وَیسے ہی
تُو مارا گیا۔
تب اُس پر سب لوگ دوبارہ روئے۔
35 اور سب لوگ کُچھ دِن رہتے داؤُد کو روٹی کِھلانے آئے لیکن داؤُد نے قَسم کھا کر کہا اگر مَیں آفتاب کے غرُوب ہونے سے پیشتر روٹی یا اَور کُچھ چکُھّوں تو خُدا مُجھ سے اَیسا بلکہ اِس سے زِیادہ کرے۔ 36 اور سب لوگوں نے اِس پر غَور کِیا اور اِس سے خُوش ہُوئے کیونکہ جو کُچھ بادشاہ کرتا تھا سب لوگ اُس سے خُوش ہوتے تھے۔ 37 سو سب لوگوں نے اور تمام اِسرائیلؔ نے اُسی دِن جان لِیا کہ نیر کے بیٹے ابنیر کا قتل ہونا بادشاہ کی طرف سے نہ تھا۔ 38 اور بادشاہ نے اپنے مُلازِموں سے کہا کیا تُم نہیں جانتے ہو کہ آج کے دِن ایک سردار بلکہ ایک بُہت بڑا آدمی اِسرائیلؔ میں مَرا ہے؟ 39 اور اگرچہ مَیں ممسُوح بادشاہ ہُوں تَو بھی آج کے دِن عاجِز ہُوں اور یہ لوگ بنی ضرویاہ مُجھ سے زبردست ہیں۔ خُداوند بدکار کو اُس کی بدی کے مُوافِق بدلہ دے۔
اِشبوست کا قتل
1 جب ساؤُل کے بیٹے اِشبوؔست نے سُنا کہ ابنیر حبرُوؔن میں مَر گیا تو اُس کے ہاتھ ڈِھیلے پڑ گئے اور سب اِسرائیلی گھبرا گئے۔ 2 اور ساؤُل کے بیٹے اِشبوؔست کے دو آدمی تھے جو فَوجوں کے سردار تھے۔ ایک کا نام بعنہ اور دُوسرے کا ریکاب تھا۔ یہ دونوں بنی بِنیمِین کی نسل کے بیرُوتی رِمُّوؔن کے بیٹے تھے (کیونکہ بیرُوؔت بھی بنی بِنیمِین کا گِنا جاتا ہے۔ 3 اور بیرُوتی جتِّیم کو بھاگ گئے تھے چُنانچہ آج کے دِن تک وہ وہِیں رہتے ہیں)۔
4 اور ساؤُل کے بیٹے یُونتن کا ایک لنگڑا بیٹا تھا۔ جب ساؤُل اور یُونتن کی خبر یزرؔعیل سے پُہنچی تو وہ پانچ برس کا تھا۔ سو اُس کی دایہ اُس کو اُٹھا کر بھاگی اور اُس نے جو بھاگنے میں جلدی کی تو اَیسا ہُؤا کہ وہ گِر پڑا اور لنگڑا ہو گیا۔ اُس کا نام مفِیبوؔست تھا۔
5 اور بیرُوتی رِمُّون کے بیٹے ریکاؔب اور بعنہ چلے اور کڑی دُھوپ کے وقت اِشبوؔست کے گھر آئے جب وہ دوپہر کو آرام کر رہا تھا۔ 6 سو وہ وہاں گھر کے اندر گیہُوں لینے کے بہانے سے گُھسے اور اُس کے پیٹ میں مارا اور ریکاؔب اور اُس کا بھائی بعنہ بھاگ نِکلے۔ 7 جب وہ گھر میں گُھسے تو وہ اپنی خواب گاہ میں اپنے بِستر پر سوتا تھا۔ سو اُنہوں نے اُسے مارا اور قتل کِیا اور اُس کا سر کاٹ دِیا اور اُس کا سر لے کر تمام رات مَیدان کی راہ چلے۔ 8 اور اِشبوؔست کا سر حبرُوؔن میں داؤُد کے پاس لے آئے اور بادشاہ سے کہا تیرا دُشمن ساؤُل جو تیری جان کا طالِب تھا یہ اُس کے بیٹے اِشبوؔست کا سر ہے سو خُداوند نے آج کے دِن میرے مالِک بادشاہ کا اِنتِقام ساؤُل اور اُس کی نسل سے لِیا۔
9 تب داؤُد نے ریکاؔب اور اُس کے بھائی بعنہ کو جو بیرُوتی رِمُّون کے بیٹے تھے جواب دِیا کہ خُداوند کی حیات کی قَسم جِس نے میری جان کو ہر مُصِیبت سے رہائی دی ہے۔ 10 جب ایک شخص نے مُجھ سے کہا کہ دیکھ ساؤُل مَر گیا اور سمجھا کہ خُوشخبری دیتا ہے تو مَیں نے اُسے پکڑا اور صِقلاج میں اُسے قتل کِیا۔ یِہی جزا مَیں نے اُسے اُس کی خبر کے بدلے دی۔ 11 پس جب شرِیروں نے ایک راست کار اِنسان کو اُسی کے گھر میں اُس کے بِستر پر قتل کِیا ہے تو کیا مَیں اب اُس کے خُون کا بدلہ تُم سے ضرُور ہی نہ لُوں اور تُم کو زمِین پر سے نابُود نہ کر ڈالُوں؟ 12 تب داؤُد نے اپنے جوانوں کو حُکم دِیا اور اُنہوں نے اُن کو قتل کِیا اور اُن کے ہاتھ اور پاؤں کاٹ ڈالے اور اُن کو حبرُوؔن میں تالاب کے پاس ٹانگ دِیا اور اِشبوؔست کے سر کو لے کر اُنہوں نے حبرُوؔن میں ابنیر کی قبر میں دفن کِیا۔
داؤُد یہُوداؔہ اور اِسرائیلؔ دونوں کا بادشاہ بنتا ہے
1 تب اِسرائیلؔ کے سب قبِیلے حبرُوؔن میں دائود کے پاس آ کر کہنے لگے دیکھ ہم تیری ہڈّی اور تیرا گوشت ہیں۔ 2 اور گُذرے زمانہ میں جب ساؤُل ہمارا بادشاہ تھا تو تُو ہی اِسرائیلِیوں کو لے جایا اور لے آیا کرتا تھا اور خُداوند نے تُجھ سے کہا کہ تُو میرے اِسرائیلی لوگوں کی گلّہ بانی کرے گا اور تُو اِسرائیلؔ کا سردار ہو گا۔ 3 غرض اِسرائیلؔ کے سب بزُرگ حبرُوؔن میں بادشاہ کے پاس آئے اور داؤُد بادشاہ نے حبرُوؔن میں اُن کے ساتھ خُداوند کے حضُور عہد باندھا اور اُنہوں نے داؤُد کو مَسح کر کے اِسرائیلؔ کا بادشاہ بنایا۔ 4 اور داؤُد جب سلطنت کرنے لگا تو تِیس برس کا تھا اور اُس نے چالِیس برس سلطنت کی۔ 5 اُس نے حبرُوؔن میں سات برس چھ مہِینے یہُوداؔہ پر سلطنت کی اور یروشلِیم میں سب اِسرائیلؔ اور یہُوداؔہ پر تینتِیس برس سلطنت کی۔
6 پِھر بادشاہ اور اُس کے لوگ یروشلِیم کو یبوسیوؔں پر جو اُس مُلک کے باشِندے تھے چڑھائی کرنے گئے۔ اُنہوں نے داؤُد سے کہا جب تک تُو اندھوں اور لنگڑوں کو نہ لے جائے یہاں نہیں آنے پائے گا۔ وہ سمجھتے تھے کہ داؤُد یہاں نہیں آ سکتا ہے۔ 7 تَو بھی داؤُد نے صِیُّون کا قلعہ لے لِیا۔ وُہی داؤُد کا شہر ہے۔
8 اور داؤُد نے اُس دِن کہا کہ جو کوئی یبُوسیوں کو مارے وہ نالے کو جائے اور اُن لنگڑوں اور اندھوں کو مارے جِن سے داؤُد کے جی کو نفرت ہے۔ اِسی لِئے یہ کہاوت ہے کہ اندھے اور لنگڑے وہاں ہیں۔ سو وہ گھر میں نہیں آ سکتا۔
9 اور داؤُد اُس قلعہ میں رہنے لگا اور اُس نے اُس کا نام داؤُد کا شہر رکھّا اور داؤُد نے گِرداگِرد مِلّو سے لے کر اندر کے رُخ تک بُہت کُچھ تعمِیر کِیا۔ 10 اور داؤُد بڑھتا ہی گیا کیونکہ خُداوند لشکروں کا خُدا اُس کے ساتھ تھا۔
11 اور صُور کے بادشاہ حِیراؔم نے ایلچِیوں کو اور دیودار کی لکڑیوں اور بڑھیوں اور مِعماروں کو داؤُد کے پاس بھیجا اور اُنہوں نے داؤُد کے لِئے ایک محلّ بنایا۔ 12 اور داؤُد کو یقِین ہُؤا کہ خُداوند نے اُسے اِسرائیلؔ کا بادشاہ بنا کر قِیام بخشا اور اُس نے اُس کی سلطنت کو اپنی قَوم اِسرائیلؔ کی خاطِر مُمتاز کِیا ہے۔
13 اور حبرُوؔن سے چلے آنے کے بعد داؤُد نے یروشلِیم سے اَور حَرمیں رکھ لِیں اور بِیویاں کِیں اور داؤُد کے ہاں اَور بیٹے اور بیٹِیاں پَیدا ہُوئِیں۔ 14 اور جو یروشلِیم میں اُس کے ہاں پَیدا ہُوئے اُن کے نام یہ ہیں سمّوؔعہ اور سوباب اور ناتن اور سُلیماؔن۔ 15 اور اِبحار اور الِیسُوؔع اور نفج اور یفِیع 16 اور الیسمع اور الیدع اور الیفاؔلط۔
فِلسیتؔوں پر فَتح یابی
17 اور جب فِلستِیوں نے سُنا کہ اُنہوں نے داؤُد کو مَسح کر کے اِسرائیلؔ کا بادشاہ بنایا ہے تو سب فِلستی داؤُد کی تلاش میں چڑھ آئے اور داؤُد کو خبر ہُوئی۔ سو وہ قلعہ میں چلا گیا۔ 18 اور فِلستی آ کر رفائِیم کی وادی میں پَھیل گئے۔ 19 تب داؤُد نے خُداوند سے پُوچھا کیا مَیں فلِستِیوں کے مُقابلہ کو جاؤُں؟ کیا تُو اُن کو میرے ہاتھ میں کر دے گا؟
خُداوند نے داؤُد سے کہا کہ جا کیونکہ مَیں ضرُور فِلستِیوں کو تیرے ہاتھ میں کر دُوں گا۔
20 سو داؤُد بعل پراضِیم میں آیا اور وہاں داؤُد نے اُن کو مارا اور کہنے لگا کہ خُداوند نے میرے دُشمنوں کو میرے سامنے توڑ ڈالا جَیسے پانی ٹُوٹ کر بہہ نِکلتا ہے۔ اِس لِئے اُس نے اُس جگہ کا نام بعل پراضِیم رکھّا۔ 21 اور وہِیں اُنہوں نے اپنے بُتوں کو چھوڑ دِیا تھا سو داؤُد اور اُس کے لوگ اُن کو لے گئے۔
22 اور فِلستی پِھر چڑھ آئے اور رفائِیم کی وادی میں پَھیل گئے۔ 23 اور جب داؤُد نے خُداوند سے پُوچھا تو اُس نے کہا تُو چڑھائی نہ کر۔ اُن کے پِیچھے سے گُھوم کر تُوت کے درختوں کے سامنے سے اُن پر حملہ کر۔ 24 اور جب تُوت کے درختوں کی پُھنگِیوں میں تُجھے فَوج کے چلنے کی آواز سُنائی دے تو چُست ہو جانا کیونکہ اُس وقت خُداوند تیرے آگے آگے نِکل چُکا ہو گا تاکہ فِلستِیوں کے لشکر کو مارے۔ 25 اور داؤُد نے جَیسا خُداوند نے اُسے فرمایا تھا وَیسا ہی کِیا اور فِلستِیوں کو جِبع سے جزر تک مارتا گیا۔
عہد کا صندُوق یروشلیِم میں لایا جاتا ہے
1 اور داؤُد نے پِھر اِسرائیلِیوں کے سب چُنے ہُوئے تِیس ہزار مَردوں کو جمع کِیا۔ 2 اور داؤُد اُٹھا اور سب لوگوں کو جو اُس کے ساتھ تھے لے کر بعلہ یہُوداؔہ سے چلا تاکہ خُدا کے صندُوق کو اُدھر سے لے آئے جو اُس نام کا یعنی ربُّ الافواج کے نام کا کہلاتا ہے جو کرُّوبِیوں پر بَیٹھتا ہے۔ 3 سو اُنہوں نے خُدا کے صندُوق کو نئی گاڑی پر رکھّا اور اُسے ابِینداؔب کے گھر سے جو پہاڑی پر تھا نِکال لائے اور اُس نئی گاڑی کو ابِینداؔب کے بیٹے عُزّہ اور اخیو ہانکنے لگے۔ 4 اور وہ اُسے ابِیندؔاب کے گھر سے جو پہاڑی پر تھا خُدا کے صندُوق کے ساتھ نِکال لائے اور اخیو صندُوق کے آگے آگے چل رہا تھا۔ 5 اور داؤد اور اِسرائیلؔ کا سارا گھرانا صنَوبر کی لکڑی کے سب طرح کے ساز اور سِتار۔ بربط اور دف اور خنجری اور جھانجھ خُداوند کے آگے آگے بجاتے چلے۔
6 اور جب وہ نکوؔن کے کھلِیہان پر پُہنچے تو عُزّہ نے خُدا کے صندُوق کی طرف ہاتھ بڑھا کر اُسے تھام لِیا کیونکہ بَیلوں نے ٹھوکر کھائی تھی۔ 7 تب خُداوند کا غُصّہ عُزّہ پر بھڑکا اور خُدا نے وہِیں اُسے اُس کی خطا کے سبب سے مارا اور وہ وہِیں خُدا کے صندُوق کے پاس مَر گیا۔ 8 اور داؤُد اِس سبب سے کہ خُداوند عُزّہ پر ٹُوٹ پڑا ناخُوش ہُؤا اور اُس نے اُس جگہ کا نام پرض عُزّہ رکھّا جو آج کے دِن تک ہے۔
9 اور داؤُد اُس دِن خُداوند سے ڈر گیا اور کہنے لگا کہ خُداوند کا صندُوق میرے ہاں کیوں کر آئے؟ 10 اور داؤُد نے خُداوند کے صندُوق کو اپنے ہاں داؤُد کے شہر میں لے جانا نہ چاہا بلکہ داؤُد اُسے ایک طرف جاتی عوبید ادُوم کے گھر لے گیا۔ 11 اور خُداوند کا صندُوق جاتی عوبید ادُوم کے گھر میں تِین مہِینے تک رہا اور خُداوند نے عوبیدادؔوم کو اور اُس کے سارے گھرانے کو برکت دی۔
12 اور داؤُد بادشاہ کو خبر مِلی کہ خُداوند نے عوبیدادؔوم کے گھرانے کو اور اُس کی ہر چِیز میں خُدا کے صندُوق کے سبب سے برکت دی ہے۔ تب داؤُد گیا اور خُدا کے صندُوق کو عوبیدادؔوم کے گھر سے داؤُد کے شہر میں خُوشی خُوشی لے آیا۔ 13 اور اَیسا ہُؤا کہ جب خُداوند کے صندُوق کے اُٹھانے والے چھ قدم چلے تو داؤُد نے ایک بَیل اور ایک موٹا بچھڑا ذبح کِیا۔ 14 اور داؤُد خُداوند کے حضُور اپنے سارے زور سے ناچنے لگا اور داؤُد کتان کا افُود پہنے تھا۔ 15 سو داؤُد اور اِسرائیلؔ کا سارا گھرانا خُداوند کے صندُوق کو للکارتے اور نرسِنگا پُھونکتے ہُوئے لائے۔
16 اور جب خُداوند کا صندُوق داؤُد کے شہر کے اندر آ رہا تھا تو ساؤُل کی بیٹی مِیکل نے کِھڑکی سے نِگاہ کی اور داؤُد بادشاہ کو خُداوند کے حضُور اُچھلتے اور ناچتے دیکھا۔ سو اُس نے اپنے دِل ہی دِل میں اُسے حقِیر جانا۔ 17 اور وہ خُداوند کے صندُوق کو اندر لائے اور اُسے اُس کی جگہ پر اُس خَیمہ کے بِیچ میں جو داؤُد نے اُس کے لِئے کھڑا کِیا تھا رکھّا اور داؤُد نے سوختنی قُربانِیاں اور سلامتی کی قُربانِیاں خُداوند کے آگے چڑھائِیں۔ 18 اور جب داؤُد سوختنی قُربانی اور سلامتی کی قُربانِیاں چڑھا چُکا تو اُس نے ربُّ الافواج کے نام سے لوگوں کو برکت دی۔ 19 اور اُس نے سب لوگوں یعنی اِسرائیلؔ کے سارے انبوہ کے مَردوں اور عَورتوں دونوں کو ایک ایک روٹی اور ایک ایک ٹُکڑا گوشت اور کِشمِش کی ایک ایک ٹِکیا بانٹی۔ پِھر سب لوگ اپنے اپنے گھر چلے گئے۔
20 تب داؤُد لَوٹا تاکہ اپنے گھرانے کو برکت دے اور ساؤُل کی بیٹی مِیکل داؤُد کے اِستِقبال کو نِکلی اور کہنے لگی کہ اِسرائیلؔ کا بادشاہ آج کَیسا شان دار معلُوم ہوتا تھا جِس نے آج کے دِن اپنے مُلازِموں کی لَونڈیوں کے سامنے اپنے کو برہنہ کِیا جَیسے کوئی بانکا بے حیائی سے برہنہ ہو جاتا ہے۔
21 داؤُد نے میِکل سے کہا یہ تو خُداوند کے حضُور تھا جِس نے تیرے باپ اور اُس کے سارے گھرانے کو چھوڑ کر مُجھے پسند کِیا تاکہ وہ مُجھے خُداوند کی قَوم اِسرائیلؔ کا پیشوا بنائے۔ سو مَیں خُداوند کے آگے ناچُوں گا۔ 22 بلکہ مَیں اِس سے بھی زِیادہ ذلِیل ہُوں گا اور اپنی ہی نظر میں نِیچ ہُوں گا اور جِن لَونڈِیوں کا ذِکر تُو نے کِیا ہے وُہی میری عِزّت کریں گی۔
23 سو ساؤُل کی بیٹی مِیکل مَرتے دَم تک بے اَولاد رہی۔
ناتن کا پَیغام داؤُد کے نام
1 جب بادشاہ اپنے محلّ میں رہنے لگا اور خُداوند نے اُسے اُس کی چاروں طرف کے سب دُشمنوں سے آرام بخشا۔ 2 تو بادشاہ نے ناتن نبی سے کہا دیکھ مَیں تو دیودار کی لکڑیوں کے گھر میں رہتا ہُوں پر خُدا کا صندُوق پردوں کے اندر رہتا ہے۔
3 تب ناتن نے بادشاہ سے کہا جا جو کُچھ تیرے دِل میں ہے کر کیونکہ خُداوند تیرے ساتھ ہے۔ 4 اور اُسی رات کو اَیسا ہُؤا کہ خُداوند کا کلام ناتن کو پُہنچا کہ 5 جا اور میرے بندہ داؤُد سے کہہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ کیا تُو میرے رہنے کے لِئے ایک گھر بنائے گا؟ 6 کیونکہ جب سے مَیں بنی اِسرائیل کو مِصرؔ سے نِکال لایا آج کے دِن تک کِسی گھر میں نہیں رہا بلکہ خَیمہ اور مسکن میں پِھرتا رہا ہُوں۔ 7 اور جہاں جہاں مَیں سب بنی اِسرائیل کے ساتھ پِھرتا رہا کیا مَیں نے کہِیں کِسی اِسرائیلی قبِیلہ سے جِسے مَیں نے حُکم کِیا کہ میری قَوم اِسرائیلؔ کی گلّہ بانی کرو یہ کہا کہ تُم نے میرے لِئے دیودار کی لکڑیوں کا گھر کیوں نہیں بنایا؟
8 سو اب تُو میرے بندہ داؤُد سے کہہ کہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ مَیں نے تُجھے بھیڑسالہ سے جہاں تُو بھیڑ بکریوں کے پِیچھے پِیچھے پِھرتا تھا لِیا تاکہ تُو میری قَوم اِسرائیلؔ کا پیشوا ہو۔ 9 اور مَیں جہاں جہاں تُو گیا تیرے ساتھ رہا اور تیرے سب دُشمنوں کو تیرے سامنے سے کاٹ ڈالا ہے اور مَیں دُنیا کے بڑے بڑے لوگوں کے نام کی طرح تیرا نام بڑا کرُوں گا۔ 10 اور مَیں اپنی قَوم اِسرائیلؔ کے لِئے ایک جگہ مُقرّر کرُوں گا اور وہاں اُن کو جماؤُں گا تاکہ وہ اپنی ہی جگہ بسیں اور پِھر ہٹائے نہ جائیں اور شرارت کے فرزند اُن کو پِھر دُکھ نہیں دینے پائیں گے جَیسا پہلے ہوتا تھا۔ 11 اور جَیسا اُس دِن سے ہوتا آیا جب سے مَیں نے حُکم دِیا کہ میری قَوم اِسرائیلؔ پر قاضی ہوں اور مَیں اَیسا کرُوں گا کہ تُجھ کو تیرے سب دُشمنوں سے آرام مِلے۔ ماسِوا اِس کے خُداوند تُجھ کو بتاتا ہے کہ خُداوند تیرے گھر کو بنائے رکھّے گا۔ 12 اور جب تیرے دِن پُورے ہو جائیں گے اور تُو اپنے باپ دادا کے ساتھ سو جائے گا تو مَیں تیرے بعد تیری نسل کو جو تیرے صُلب سے ہو گی کھڑا کر کے اُس کی سلطنت کو قائِم کرُوں گا۔ 13 وُہی میرے نام کا ایک گھر بنائے گا اور مَیں اُس کی سلطنت کا تخت ہمیشہ کے لِئے قائِم کرُوں گا۔ 14 اور مَیں اُس کا باپ ہُوں گا اور وہ میرا بیٹا ہو گا۔ اگر وہ خطا کرے تو مَیں اُسے آدمِیوں کی لاٹھی اَور بنی آدمؔ کے تازِیانوں سے تنبِیہ کرُوں گا۔ 15 پر میری رحمت اُس سے جُدا نہ ہو گی جَیسے مَیں نے اُسے ساؤُل سے جُدا کِیا جِسے مَیں نے تیرے آگے سے دفع کِیا۔ 16 اور تیرا گھر اور تیری سلطنت سدا بنی رہے گی۔ تیرا تخت ہمیشہ کے لِئے قائِم کِیا جائے گا۔
17 جَیسی یہ سب باتیں اور یہ ساری رویا تھی وَیسا ہی ناتن نے داؤُد سے کہا۔
داؤُد کی شُکرگُزاری کی دُعا
18 تب داؤُد بادشاہ اندر جا کر خُداوند کے آگے بَیٹھا اور کہنے لگا اَے مالِک خُداوند مَیں کَون ہُوں اور میرا گھرانا کیا ہے کہ تُو نے مُجھے یہاں تک پُہنچایا؟ 19 تَو بھی اَے مالِک خُداوند یہ تیری نظر میں چھوٹی بات تھی کیونکہ تُو نے اپنے بندہ کے گھرانے کے حق میں بُہت مُدّت تک کا ذِکر کِیا ہے اور وہ بھی اَے مالِک خُداوند آدمِیوں کے طرِیقہ پر۔ 20 اور داؤُد تُجھ سے اَور کیا کہہ سکتا ہے؟ کیونکہ اَے مالِک خُداوند تُو اپنے بندہ کو جانتا ہے۔ 21 تُو نے اپنے کلام کی خاطِر اور اپنی مرضی کے مُطابِق یہ سب بڑے کام کِئے تاکہ تیرا بندہ اُن سے واقِف ہو جائے۔ 22 سو تُو اَے خُداوند خُدا بزُرگ ہے کیونکہ جَیسا ہم نے اپنے کانوں سے سُنا ہے اُس کے مُطابِق کوئی تیری مانِند نہیں اور تیرے سِوا کوئی خُدا نہیں۔ 23 اور دُنیا میں وہ کَون سی ایک قَوم ہے جو تیرے لوگوں یعنی اِسرائیلؔ کی مانِند ہے جِسے خُدا نے جا کر اپنی قَوم بنانے کو چُھڑایا تاکہ وہ اپنا نام کرے (اور تُمہاری خاطِر بڑے بڑے کام) اور اپنے مُلک کے لِئے اور اپنی قَوم کے آگے جِسے تُو نے مِصرؔ کی قَوموں سے اور اُن کے دیوتاؤں سے رہائی بخشی ہَولناک کام کرے؟ 24 اور تُو نے اپنے لِئے اپنی قَوم بنی اِسرائیل کو مُقرّر کِیا تاکہ وہ ہمیشہ کے لِئے تیری قَوم ٹھہرے اور تُو آپ اَے خُداوند اُن کا خُدا ہُؤا۔
25 اور اب تُو اَے خُداوند خُدا اُس بات کو جو تُو نے اپنے بندہ اور اُس کے گھرانے کے حق میں فرمائی ہے سدا کے لِئے قائِم کر دے اور جَیسا تُو نے فرمایا ہے وَیسا ہی کر۔ 26 اور سدا یہ کہہ کہہ کر تیرے نام کی بڑائی کی جائے کہ ربُّ الافواج اِسرائیلؔ کا خُدا ہے اور تیرے بندہ داؤُد کا گھرانا تیرے حضُور قائِم کِیا جائے گا۔ 27 کیونکہ تُو نے اَے ربُّ الافواج اِسرائیلؔ کے خُدا اپنے بندہ پر ظاہِر کِیا اور فرمایا کہ مَیں تیرا گھرانا بنائے رکھُّوں گا اِس لِئے تیرے بندہ کے دِل میں یہ آیا کہ تیرے آگے یہ مُناجات کرے۔
28 اور اَے مالِک خُداوند تُو خُدا ہے اور تیری باتیں سچّی ہیں اور تُو نے اپنے بندہ سے اِس نیکی کا وعدہ کِیا ہے۔ 29 سو اب اپنے بندہ کے گھرانے کو برکت دینا منظُور کر تاکہ وہ سدا تیرے رُوبرُو پایدار رہے کہ تُو ہی نے اَے مالِک خُداوند یہ کہا ہے اور تیری ہی برکت سے تیرے بندہ کا گھرانا سدا مُبارک رہے!
داؤُد کی جنگی فتُوحات
1 اِس کے بعد داؤُد نے فِلستِیوں کو مارا اور اُن کو مغلُوب کِیا اور داؤُد نے دارُالحُکُومت کی عِنان فِلستِیوں کے ہاتھ سے چِھین لی۔
2 اور اُس نے موآب کو مارا اور اُن کو زمِین پر لِٹا کر رسّی سے ناپا۔ سو اُس نے قتل کرنے کے لِئے دو رسِّیوں سے ناپا اور جِیتا چھوڑنے کے لِئے ایک پُوری رسّی سے۔ یُوں موآبی داؤُد کے خادِم بن کر ہدئے لانے لگے۔
3 اور داؤُد نے ضوباؔہ کے بادشاہ رحوب کے بیٹے ہدد عزر کو بھی جب وہ اپنی دریایِ فرات پر کی سلطنت پر پِھر قبضہ کرنے کو جا رہا تھا مار لِیا۔ 4 اور داؤُد نے اُس کے ایک ہزار سات سَو سوار اور بِیس ہزار پِیادے پکڑ لِئے اور داؤُد نے رتھوں کے سب گھوڑوں کی کھُونچیں کاٹِیں پر اُن میں سے سَو رتھوں کے لِئے گھوڑے بچا رکھّے۔
5 اور جب دمشق کے ارامی ضوباہ کے بادشاہ ہددؔعزر کی کُمک کو آئے تو داؤُد نے ارامیوں کے بائِیس ہزار آدمی قتل کِئے۔ 6 تب داؤُد نے دمشق کے ارام میں سِپاہِیوں کی چَوکِیاں بِٹھائِیں سو ارامی بھی داؤُد کے خادِم بن کر ہدئے لانے لگے اور خُداوند نے داؤُد کو جہاں کہِیں وہ گیا فتح بخشی۔ 7 اور داؤُد نے ہدد عزر کے مُلازِموں کی سونے کی ڈھالیں چِھین لِیں اور اُن کو یروشلِیم میں لے آیا۔ 8 اور داؤُد بادشاہ بطاہ اور بیرُوؔتی سے جو ہدد عزر کے شہر تھے بُہت سا پِیتل لے آیا۔
9 اور جب حمات کے بادشاہ تُوغی نے سُنا کہ داؤُد نے ہدد عزر کا سارا لشکر مار لِیا۔ 10 تو تُوغی نے اپنے بیٹے یُورام کو داؤُد بادشاہ کے پاس بھیجا کہ اُسے سلام کہے اور مُبارک باد دے اِس لِئے کہ اُس نے ہدد عزر سے جنگ کر کے اُسے مار لِیا کیونکہ ہدد عزر تُوغی سے لڑا کرتا تھا اور یُورام چاندی اور سونے اور پِیتل کے ظرُوف اپنے ساتھ لایا۔ 11 اور داؤُد بادشاہ نے اُن کو خُداوند کے لِئے مخصُوص کِیا۔ اَیسے ہی اُس نے اُن سب قَوموں کے سونے چاندی کو مخصُوص کِیا جِن کو اُس نے مغلُوب کِیا تھا۔ 12 یعنی ارامیوں اور موآبیوں اور بنی عمُّون اور فِلستِیوں اور عمالِیقِیوں کے سونے چاندی اور ضوباہ کے بادشاہ رحوب کے بیٹے ہددعزؔر کی لُوٹ کو۔
13 اور داؤُد کا بڑا نام ہُؤا جب وہ نمک کی وادی میں ارامیوں کے اٹھارہ ہزار آدمی مار کر لَوٹا۔ 14 اور اُس نے ادوؔم میں چَوکِیاں بِٹھائِیں بلکہ سارے ادُوم میں چَوکِیاں بِٹھائِیں اور سب ادُومی داؤُد کے خادِم بنے اور خُداوند نے داؤُد کو جہاں کہِیں وہ گیا فتح بخشی۔
15 اور داؤُد نے کُل اِسرائیلؔ پر سلطنت کی اور داؤُد اپنی سب رعیّت کے ساتھ عدل و اِنصاف کرتا تھا۔ 16 اور ضرویاہ کا بیٹا یوآؔب لشکر کا سردار تھا اور اخِیلُود کا بیٹا یہُوؔسفط مُورِّخ تھا۔ 17 اور اخِیطوؔب کا بیٹا صدُوؔق اور ابی یاتر کا بیٹا اخِیملک کاہِن تھے اور شرایاؔہ مُنشی تھا۔ 18 اور یہوؔیدع کا بیٹا بِنایاؔہ کریتِیوں اور فلیتِیوں کا سردار تھا اور داؤُد کے بیٹے کاہِن تھے۔
داؤُد اور مفِیبوؔست
1 پِھر داؤُد نے کہا کیا ساؤُل کے گھرانے میں سے کوئی باقی ہے جِس پر مَیں یُونتن کی خاطِر مِہربانی کرُوں؟
2 اور ساؤُل کے گھرانے کا ایک خادِم بنام ضِیبا تھا۔ اُسے داؤُد کے پاس بُلا لائے۔ بادشاہ نے اُس سے کہا کیا تُو ضِیبا ہے؟
اُس نے کہا ہاں تیرا بندہ وُہی ہے۔
3 تب بادشاہ نے اُس سے کہا کیا ساؤُل کے گھرانے میں سے کوئی نہیں رہا تاکہ مَیں اُس پر خُدا کی سی مِہربانی کرُوں؟
ضِیبا نے بادشاہ سے کہا یُونتن کا ایک بیٹا رہ گیا ہے جو لنگڑا ہے۔
4 تب بادشاہ نے اُس سے پُوچھا وہ کہاں ہے؟
ضِیبا نے بادشاہ کو جواب دِیا دیکھ وہ لُود بار میں عمّی ایل کے بیٹے مکِیر کے گھر میں ہے۔ 5 سو داؤُد بادشاہ نے لوگ بھیج کر لُود بار سے عمّی ایل کے بیٹے مکِیر کے گھر سے اُسے بُلوا لِیا۔
6 اور ساؤُل کے بیٹے یُونتن کا بیٹا مفِیبوؔست داؤُد کے پاس آیا اور اُس نے مُنہ کے بل گِر کر سِجدہ کِیا۔ تب داؤُد نے کہا مفِیبوؔست! اُس نے جواب دِیا تیرا بندہ حاضِر ہے۔
7 داؤُد نے اُس سے کہا مت ڈر کیونکہ مَیں تیرے باپ یُونتن کی خاطِر ضرُور تُجھ پر مِہربانی کرُوں گا اور تیرے باپ ساؤُل کی ساری زمِین تُجھے پھیر دُوں گا اور تُو ہمیشہ میرے دسترخوان پر کھانا کھایا کر۔
8 تب اُس نے سِجدہ کِیا اور کہا کہ تیرا بندہ ہے کیا چِیز جو تُو مُجھ جَیسے مَرے کُتّے پر نِگاہ کرے؟
9 تب بادشاہ نے ساؤُل کے خادِم ضِیبا کو بُلایا اور اُس سے کہا کہ مَیں نے سب کُچھ جو ساؤُل اور اُس کے سارے گھرانے کا تھا تیرے آقا کے بیٹے کو بخش دِیا۔ 10 سو تُو اپنے بیٹوں اور نَوکروں سمیت زمِین کو اُس کی طرف سے جوت کر پَیداوار کو لے آیا کر تاکہ تیرے آقا کے بیٹے کے کھانے کو روٹی ہو پر مفِیبوؔست جو تیرے آقا کا بیٹا ہے میرے دسترخوان پر ہمیشہ کھانا کھائے گا اور ضِیبا کے پندرہ بیٹے اور بِیس نَوکر تھے۔
11 تب ضِیبا نے بادشاہ سے کہا جو کُچھ میرے مالِک بادشاہ نے اپنے خادِم کو حُکم دِیا ہے تیرا خادِم وَیسا ہی کرے گا۔
پر مفِیبوؔست کے حق میں بادشاہ نے فرمایا کہ وہ میرے دسترخوان پر اِس طرح کھانا کھائے گا کہ گویا وہ بادشاہ زادوں میں سے ایک ہے۔ 12 اور مفِیبوؔست کا ایک چھوٹا بیٹا تھا جِس کا نام مِیکا تھا اور جِتنے ضِیبا کے گھر میں رہتے تھے وہ سب مفِیبوؔست کے خادِم تھے۔ 13 سو مفِیبوؔست یروشلِیم میں رہنے لگا کیونکہ وہ ہمیشہ بادشاہ کے دسترخوان پر کھانا کھاتا تھا اور وہ دونوں پاؤں سے لنگڑا تھا۔
داؤُد عمُّونیوں اور ارامیوں کو شکست دیتا ہے
1 اِس کے بعد اَیسا ہُؤا کہ بنی عمُّون کا بادشاہ مَر گیا اور اُس کا بیٹا حنُون اُس کا جانشِین ہُؤا۔ 2 تب داؤُد نے کہا کہ مَیں ناحس کے بیٹے حنُون کے ساتھ مِہربانی کرُوں گا جَیسے اُس کے باپ نے میرے ساتھ مِہربانی کی۔ سو داؤُد نے اپنے خادِم بھیجے تاکہ اُن کی معرفت اُس کے باپ کے بارہ میں اُسے تسلّی دے
چُنانچہ داؤُد کے خادِم بنی عمُّون کی سرزمِین میں آئے۔ 3 اور بنی عمُّون کے سرداروں نے اپنے مالِک حنُون سے کہا تُجھے کیا یہ گُمان ہے کہ داؤُد تیرے باپ کی تعظِیم کرتا ہے کہ اُس نے تسلّی دینے والے تیرے پاس بھیجے ہیں؟ کیا داؤُد نے اپنے خادِم تیرے پاس اِس لِئے نہیں بھیجے ہیں کہ شہر کا حال دریافت کر کے اور اِس کا بھید لے کر وہ اِس کو غارت کرے؟
4 تب حنُون نے داؤُد کے خادِموں کو پکڑ کر اُن کی آدھی آدھی داڑھی مُنڈوائی اور اُن کی پوشاک بِیچ سے سُرِین تک کٹوا کر اُن کو رُخصت کر دِیا۔ 5 جب داؤُد کو خبر پُہنچی تو اُس نے اُن سے مِلنے کو لوگ بھیجے اِس لِئے کہ یہ آدمی نِہایت شرمِندہ تھے۔ سو بادشاہ نے فرمایا کہ جب تک تُمہاری داڑھی نہ بڑھے یریحُو میں رہو۔ اُس کے بعد چلے آنا۔
6 جب بنی عمُّون نے دیکھا کہ وہ داؤُد کے آگے نفرت انگیز ہو گئے تو بنی عمُّون نے لوگ بھیجے اور بَیت رحوؔب کے ارامیوں اور ضوباہ کے ارامیوں میں سے بِیس ہزار پِیادوں کو اور معکہ کے بادشاہ کو ایک ہزار سِپاہِیوں سمیت اور طوب کے بارہ ہزار آدمِیوں کو اُجرت پر بُلا لِیا۔ 7 اور داؤُد نے یہ سُن کر یوآب اور بہادُروں کے سارے لشکر کو بھیجا۔ 8 تب بنی عمُّون نِکلے اور اُنہوں نے پھاٹک کے پاس ہی لڑائی کے لِئے صف باندھی اور ضوباہ اور رحوؔب کے ارامی اور طوب اور معکہ کے لوگ مَیدان میں الگ تھے۔
9 جب یوآب نے دیکھا کہ اُس کے آگے اور پِیچھے دونوں طرف لڑائی کے لِئے صف بندھی ہے تو اُس نے بنی اِسرائیل کے خاص لوگوں کو چُن لِیا اور ارامیوں کے مُقابِل اُن کی صف باندھی۔ 10 اور باقی لوگوں کو اپنے بھائی ابِیشے کے ہاتھ سَونپ دِیا اور اُس نے بنی عمُّون کے مُقابِل صف باندھی۔ 11 پِھر اُس نے کہا اگر ارامی مُجھ پر غالِب ہونے لگیں تو تُو میری کُمک کرنا اور اگر بنی عمُّون تُجھ پر غالِب ہونے لگیں تو مَیں آ کر تیری کُمک کرُوں گا۔ 12 سو خُوب حَوصلہ رکھ اور ہم سب اپنی قَوم اور اپنے خُدا کے شہروں کی خاطِر مَردانگی کریں اور خُداوند جو بِہتر جانے سو کرے۔
13 پس یوآب اور وہ لوگ جو اُس کے ساتھ تھے ارامیوں پر حملہ کرنے کو آگے بڑھے اور وہ اُس کے آگے سے بھاگے۔ 14 جب بنی عمُّون نے دیکھا کہ ارامی بھاگ گئے تو وہ بھی ابِیشے کے سامنے سے بھاگ کر شہر کے اندر گُھس گئے۔ تب یوآؔب بنی عمُّون کے پاس سے لَوٹ کر یروشلِیم میں آیا۔
15 جب ارامیوں نے دیکھا کہ اُنہوں نے اِسرائیلِیوں سے شِکست کھائی تو وہ سب جمع ہُوئے۔ 16 اور ہدد عزر نے لوگ بھیجے اور اُن ارامیوں کو جو دریایِ فرات کے پار تھے لے آیا اور وہ حلام میں آئے اور ہدد عزر کی فَوج کا سِپہ سالار سُوبک اُن کا سردار تھا۔ 17 اور داؤُد کو خبر مِلی۔ سو اُس نے سب اِسرائیلِیوں کو اِکٹّھا کِیا اور یَردن کے پار ہو کر حلام میں آیا اور ارامیوں نے داؤُد کے مُقابِل صف آرائی کی اور اُس سے لڑے۔ 18 اور ارامی اِسرائیلِیوں کے سامنے سے بھاگے اور داؤُد نے ارامیوں کے سات سَو رتھوں کے آدمی اور چالِیس ہزار سوار قتل کر ڈالے اور اُن کی فَوج کے سردار سُوبک کو اَیسا مارا کہ وہ وہِیں مَر گیا۔ 19 اور جب اُن بادشاہوں نے جو ہدد عزر کے خادِم تھے دیکھا کہ وہ اِسرائیلِیوں سے ہار گئے تو اُنہوں نے اِسرائیلِیوں سے صُلح کر لی اور اُن کی خِدمت کرنے لگے۔ غرض ارامی بنی عمُّون کی پِھر کُمک کرنے سے ڈرے۔
داؤُد اور بت سبع
1 اور اَیسا ہُؤا کہ دُوسرے سال جِس وقت بادشاہ جنگ کے لِئے نِکلتے ہیں داؤُد نے یوآؔب اور اُس کے ساتھ اپنے خادِموں اور سب اِسرائیلِیوں کو بھیجا اور اُنہوں نے بنی عمُّون کو قتل کِیا اور ربّہ کو جا گھیرا پر داؤُد یروشلِیم ہی میں رہا۔
2 اور شام کے وقت داؤُد اپنے پلنگ پر سے اُٹھ کر بادشاہی محلّ کی چھت پر ٹہلنے لگا اور چھت پر سے اُس نے ایک عَورت کو دیکھا جو نہا رہی تھی اور وہ عَورت نِہایت خُوب صُورت تھی۔ 3 تب داؤُد نے لوگ بھیج کر اُس عَورت کا حال دریافت کِیا اور کِسی نے کہا کیا وہ الِعام کی بیٹی بت سبع نہیں جو حِتّی اورِیّاہ کی بِیوی ہے؟ 4 اور داؤُد نے لوگ بھیج کر اُسے بُلا لِیا۔ وہ اُس کے پاس آئی اور اُس نے اُس سے صُحبت کی (کیونکہ وہ اپنی ناپاکی سے پاک ہو چُکی تھی)۔ پِھر وہ اپنے گھر کو چلی گئی۔ 5 اور وہ عَورت حامِلہ ہو گئی۔ سو اُس نے داؤُد کے پاس خبر بھیجی کہ مَیں حامِلہ ہُوں۔
6 اور داؤُد نے یوآؔب کو کہلا بھیجا کہ حِتّی اورِیّاؔہ کو میرے پاس بھیج دے۔ سو یوآب نے اورِیّاہ کو داؤُد کے پاس بھیج دِیا۔ 7 اور جب اورِیّاؔہ آیا تو داؤُد نے پُوچھا کہ یوآب کَیسا ہے اور لوگوں کا کیا حال ہے اور جنگ کَیسی ہو رہی ہے؟ 8 پِھر داؤُد نے اورِیّاؔہ سے کہا کہ اپنے گھر جا اور اپنے پاؤں دھو اور اورِیّاہ بادشاہ کے محلّ سے نِکلا اور بادشاہ کی طرف سے اُس کے پِیچھے پِیچھے ایک خوان بھیجا گیا۔ 9 پر اورِیّاؔہ بادشاہ کے گھر کے آستانہ پر اپنے مالِک کے اور سب خادِموں کے ساتھ سویا اور اپنے گھر نہ گیا۔ 10 اور جب اُنہوں نے داؤُد کو یہ بتایا کہ اورِیّاؔہ اپنے گھر نہیں گیا تو داؤُد نے اورِیّاؔہ سے کہا کیا تُو سفر سے نہیں آیا؟ پس تُو اپنے گھر کیوں نہ گیا؟
11 اورِیّاؔہ نے داؤُد سے کہا کہ صندُوق اور اِسرائیلؔ اور یہُوداؔہ جھونپڑِیوں میں رہتے ہیں اور میرا مالِک یوآب اور میرے مالِک کے خادِم کُھلے مَیدان میں ڈیرے ڈالے ہُوئے ہیں تو کیا مَیں اپنے گھر جاؤُں اور کھاؤُں پِیوں اور اپنی بِیوی کے ساتھ سوؤُں؟ تیری حیات اور تیری جان کی قَسم مُجھ سے یہ بات نہ ہو گی۔
12 پِھر داؤُد نے اورِیّاؔہ سے کہا کہ آج بھی تُو یہِیں رہ جا۔ کل مَیں تُجھے روانہ کر دُوں گا۔ سو اورِیّاؔہ اُس دِن اور دُوسرے دِن بھی یروشلیِم میں رہا۔ 13 اور جب داؤُد نے اُسے بُلایا تو اُس نے اُس کے حضُور کھایا پِیا اور اُس نے اُسے پِلا کر متوالا کِیا اور شام کو وہ باہر جا کر اپنے مالِک کے اور خادِموں کے ساتھ اپنے بِستر پر سو رہا پر اپنے گھر کو نہ گیا۔
14 صُبح کو داؤُد نے یوآؔب کے لِئے ایک خَط لِکھا اور اُسے اورِیّاؔہ کے ہاتھ بھیجا۔ 15 اور اُس نے خَط میں یہ لِکھا کہ اورِیّاؔہ کو گُھمسان میں سب سے آگے رکھنا اور تُم اُس کے پاس سے ہٹ جانا تاکہ وہ مارا جائے اور جان بحق ہو۔ 16 اور یُوں ہُؤا کہ جب یوآب نے اُس شہر کا مُلاحظہ کر لِیا تو اُس نے اورِیّاؔہ کو اَیسی جگہ رکھّا جہاں وہ جانتا تھا کہ بہادُر مَرد ہیں۔ 17 اور اُس شہر کے لوگ نِکلے اور یوآب سے لڑے اور وہاں داؤُد کے خادِموں میں سے تھوڑے سے لوگ کام آئے اور حِتّی اورِیّاؔہ بھی مَر گیا۔
18 تب یوآب نے آدمی بھیج کر جنگ کا سب حال داؤُد کو بتایا۔ 19 اور اُس نے قاصِد کو تاکِید کر دی کہ جب تُو بادشاہ سے جنگ کا سب حال عرض کر چُکے۔ 20 تب اگر اَیسا ہو کہ بادشاہ کو غُصّہ آ جائے اور وہ تُجھ سے کہنے لگے کہ تُم لڑنے کو شہر کے اَیسے نزدِیک کیوں چلے گئے؟ کیا تُم نہیں جانتے تھے کہ وہ دِیوار پر سے تِیر ماریں گے؟ 21 یرُبّست کے بیٹے اِبیملک کو کِس نے مارا؟ کیا ایک عَورت نے چکّی کا پاٹ دِیوار پر سے اُس کے اُوپر اَیسا نہیں پھینکا کہ وہ تیبِض میں مَر گیا؟ سو تُم شہر کی دِیوار کے نزدِیک کیوں گئے؟ تو پِھر تُو کہنا کہ تیرا خادِم حِتّی اورِیّاؔہ بھی مَر گیا ہے۔
22 سو وہ قاصِد چلا اور آ کر جِس کام کے لِئے یوآب نے اُسے بھیجا تھا وہ سب داؤُد کو بتایا۔ 23 اور اُس قاصِد نے داؤُد سے کہا کہ وہ لوگ ہم پر غالِب ہُوئے اور نِکل کر مَیدان میں ہمارے پاس آ گئے۔ پِھر ہم اُن کو رگیدتے ہُوئے پھاٹک کے مدخل تک چلے گئے۔ 24 تب تِیر اندازوں نے دِیوار پر سے تیرے خادِموں پر تِیر چھوڑے۔ سو بادشاہ کے تھوڑے سے خادِم بھی مَرے اور تیرا خادِم حِتّی اورِیّاؔہ بھی مَر گیا۔
25 تب داؤُد نے قاصِد سے کہا کہ تُو یوآب سے یُوں کہنا کہ تُجھے اِس بات سے ناخُوشی نہ ہو اِس لِئے کہ تلوار جَیسا ایک کو اُڑاتی ہے وَیسا ہی دُوسرے کو۔ سو تُو شہر سے اور سخت جنگ کر کے اُسے ڈھا دے اور تُو اُسے دَم دِلاسا دینا۔
26 جب اورِیّاؔہ کی بِیوی نے سُنا کہ اُس کا شَوہر اورِیّاؔہ مَر گیا تو وہ اپنے شَوہر کے لِئے ماتم کرنے لگی۔ 27 اور جب سوگ کے دِن گُذر گئے تو داؤُد نے اُسے بُلوا کر اُس کو اپنے محلّ میں رکھّ لِیا اور وہ اُس کی بِیوی ہو گئی اور اُس سے اُس کے ایک لڑکا ہُؤا پر اُس کام سے جِسے داؤُد نے کِیا تھا خُداوند ناراض ہُؤا۔
ناتن کا پَیغام اور داؤُد کی تَوبہ
1 اور خُداوند نے ناتن کو داؤُد کے پاس بھیجا۔ اُس نے اُس کے پاس آ کر اُس سے کہا کِسی شہر میں دو شخص تھے۔ ایک امِیر دُوسرا غرِیب۔ 2 اُس امِیر کے پاس بُہت سے ریوڑ اور گلّے تھے۔ 3 پر اُس غرِیب کے پاس بھیڑ کی ایک پٹھیا کے سِوا کُچھ نہ تھا جِسے اُس نے خرِید کر پالا تھا اور وہ اُس کے اور اُس کے بال بچّوں کے ساتھ بڑھی تھی۔ وہ اُسی کے نوالہ میں سے کھاتی اور اُس کے پِیالہ سے پِیتی اور اُس کی گود میں سوتی تھی اور اُس کے لِئے بطَور بیٹی کے تھی۔ 4 اور اُس امِیر کے ہاں کوئی مُسافِر آیا۔ سو اُس نے اُس مُسافِر کے لِئے جو اُس کے ہاں آیا تھا پکانے کو اپنے ریوڑ اور گلّہ میں سے کُچھ نہ لِیا بلکہ اُس غرِیب کی بھیڑ لے لی اور اُس شخص کے لِئے جو اُس کے ہاں آیا تھا پکائی۔
5 تب داؤُد کا غضب اُس شخص پر بشِدّت بھڑکا اور اُس نے ناتن سے کہا کہ خُداوند کی حیات کی قَسم کہ وہ شخص جِس نے یہ کام کِیا واجِبُ القتل ہے۔ 6 سو اُس شخص کو اُس بھیڑ کا چَوگُنا بھرنا پڑے گا کیونکہ اُس نے اَیسا کام کِیا اور اُسے ترس نہ آیا۔
7 تب ناتن نے داؤُد سے کہا کہ وہ شخص تُو ہی ہے۔ خُداوند اِسرائیلؔ کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ مَیں نے تُجھے مَسح کر کے اِسرائیلؔ کا بادشاہ بنایا اور مَیں نے تُجھے ساؤُل کے ہاتھ سے چُھڑایا۔ 8 اور مَیں نے تیرے آقا کا گھر تُجھے دِیا اور تیرے آقا کی بِیویاں تیری گود میں کر دِیں اور اِسرائیلؔ اور یہُوداؔہ کا گھرانا تُجھ کو دِیا اور اگر یہ سب کُچھ تھوڑا تھا تو مَیں تُجھ کو اَور اَور چِیزیں بھی دیتا۔ 9 سو تُو نے کیوں خُداوند کی بات کی تحقِیر کر کے اُس کے حضُور بدی کی؟ تُو نے حِتّی اورِیّاؔہ کو تلوار سے مارا اور اُس کی بِیوی لے لی تاکہ وہ تیری بِیوی بنے اور اُس کو بنی عمُّون کی تلوار سے قتل کروایا۔ 10 سو اب تیرے گھر سے تلوار کبھی الگ نہ ہو گی کیونکہ تُو نے مُجھے حقِیر جانا اور حِتّی اورِیّاؔہ کی بِیوی لے لی تاکہ وہ تیری بِیوی ہو۔ 11 سو خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں شر کو تیرے ہی گھر سے تیرے خِلاف اُٹھاؤُں گا اور مَیں تیری بِیوِیوں کو لے کر تیری آنکھوں کے سامنے تیرے ہمسایہ کو دُوں گا اور وہ دِن دہاڑے تیری بِیوِیوں سے صُحبت کرے گا۔ 12 کیونکہ تُو نے تو چِھپ کر یہ کِیا پر مَیں سارے اِسرائیلؔ کے رُوبرُو دِن دہاڑے یہ کرُوں گا۔
13 تب داؤُد نے ناتن سے کہا مَیں نے خُداوند کا گُناہ کِیا۔
ناتن نے داؤُد سے کہا کہ خُداوند نے بھی تیرا گُناہ بخشا۔ تُو مَرے گا نہیں۔ 14 تَو بھی چُونکہ تُو نے اِس کام سے خُداوند کے دُشمنوں کو کُفر بکنے کا بڑا مَوقع دِیا ہے اِس لِئے وہ لڑکا بھی جو تُجھ سے پَیدا ہو گا مَر جائے گا۔ 15 پِھر ناتن اپنے گھر چلا گیا
داؤُد کا بیٹا مَر جاتا ہے
اور خُداوند نے اُس لڑکے کو جو اورِیّاؔہ کی بِیوی کے داؤُد سے پَیدا ہُؤا تھا مارا اور وہ بُہت بِیمار ہو گیا۔ 16 اِس لِئے داؤُد نے اُس لڑکے کی خاطِر خُدا سے مِنّت کی اور داؤُد نے روزہ رکھّا اور اندر جا کر ساری رات زمِین پر پڑا رہا۔ 17 اور اُس کے گھرانے کے بزُرگ اُٹھ کر اُس کے پاس آئے کہ اُسے زمِین پر سے اُٹھائیں پر وہ نہ اُٹھا اور نہ اُس نے اُن کے ساتھ کھانا کھایا۔ 18 اور ساتویں دِن وہ لڑکا مَر گیا اور داؤُد کے مُلازِم اُسے ڈر کے مارے یہ نہ بتا سکے کہ لڑکا مَر گیا کیونکہ اُنہوں نے کہا کہ جب وہ لڑکا ہنُوز زِندہ تھا اور ہم نے اُس سے گُفتگُو کی تو اُس نے ہماری بات نہ مانی پس اگر ہم اُسے بتائیں کہ لڑکا مَر گیا تو وہ بُہت ہی کُڑھے گا۔
19 پر جب داؤُد نے اپنے مُلازِموں کو آپس میں پُھسپُھساتے دیکھا تو داؤُد سمجھ گیا کہ لڑکا مَر گیا۔ سو داؤُد نے اپنے مُلازِموں سے پُوچھا کیا لڑکا مَر گیا؟
اُنہوں نے جواب دِیا مَر گیا۔
20 تب داؤُد زمِین پر سے اُٹھا اور غُسل کر کے اُس نے تیل لگایا اور پوشاک بدلی اور خُداوند کے گھر میں جا کر سِجدہ کِیا۔ پِھر وہ اپنے گھر آیا اور اُس کے حُکم دینے پر اُنہوں نے اُس کے آگے روٹی رکھّی اور اُس نے کھائی۔ 21 تب اُس کے مُلازِموں نے اُس سے کہا یہ کَیسا کام ہے جو تُو نے کِیا؟ جب وہ لڑکا جِیتا تھا تو تُو نے اُس کے لِئے روزہ رکھّا اور روتا بھی رہا اور جب وہ لڑکا مَر گیا تو تُو نے اُٹھ کر روٹی کھائی۔
22 اُس نے کہا کہ جب تک وہ لڑکا زِندہ تھا مَیں نے روزہ رکھّا اور مَیں روتا رہا کیونکہ مَیں نے سوچا کیا جانے خُداوند کو مُجھ پر رحم آ جائے کہ وہ لڑکا جِیتا رہے؟ 23 پر اب تو وہ مَر گیا پس مَیں کِس لِئے روزہ کھُّوں؟ کیا مَیں اُسے لَوٹا لا سکتا ہُوں؟ مَیں تو اُس کے پاس جاؤں گا پر وہ میرے پاس نہیں لَوٹنے کا۔
سُلیماؔن کی پَیدایش
24 پِھر داؤُد نے اپنی بِیوی بت سبع کو تسلّی دی اور اُس کے پاس گیا اور اُس سے صُحبت کی اور اُس کے ایک بیٹا ہُؤا اور داؤُد نے اُس کا نام سُلیَماؔن رکھّا اور وہ خُداوند کا پِیارا ہُؤا۔ 25 اور اُس نے ناتن نبی کی معرفت پَیغام بھیجا سو اُس نے اُس کا نام خُداوند کی خاطِر یدِیدؔیاہ رکھّا۔
داؤُد ربّہ پر قبضہ کرتا ہے
26 اور یوآب بنی عمُّون کے ربّہ سے لڑا اور اُس نے دارُالسّلطنت کو لے لِیا۔ 27 اور یوآب نے قاصِدوں کی معرفت داؤُد کو کہلا بھیجا کہ مَیں ربّہ سے لڑا اور مَیں نے پانِیوں کے شہر کو لے لِیا۔ 28 پس اب تُو باقی لوگوں کو جمع کر اور اِس شہر کے مُقابِل خَیمہ زن ہو اور اِس پر قبضہ کر لے تا نہ ہو کہ مَیں اِس شہر کو سر کرُوں اور وہ میرے نام سے کہلائے۔ 29 تب داؤُد نے سب لوگوں کو جمع کِیا اور ربّہ کو گیا اور اُس سے لڑا اور اُسے لے لِیا۔ 30 اور اُس نے اُن کے بادشاہ کا تاج اُس کے سر پر سے اُتار لِیا۔ اُس کا وزن سونے کا ایک قِنطار تھا اور اُس میں جواہِر جڑے ہُوئے تھے۔ سو وہ داؤُد کے سر پر رکھّا گیا اور وہ اُس شہر سے لُوٹ کا بہت سا مال نِکال لایا۔ 31 اور اُس نے اُن لوگوں کو جو اُس میں تھے باہر نِکال کر اُن کو آروں اور لوہے کے ہینگوں اور لوہے کے کُلہاڑوں کے نِیچے کر دِیا اور اُن کو اِینٹوں کے پزاوے میں سے چلوایا اور اُس نے بنی عمُّون کے سب شہروں سے اَیسا ہی کِیا۔ پِھر داؤُد اور سب لوگ یروشلِیم کو لَوٹ آئے۔
امنُوؔن اور تمر
1 اور اِس کے بعد اَیسا ہُؤا کہ داؤُد کے بیٹے ابی سلوؔم کی ایک خُوب صُورت بہن تھی جِس کا نام تمر تھا۔ اُس پر داؤُد کا بیٹا امنُوؔن عاشِق ہو گیا۔ 2 اور امنُوؔن اَیسا کُڑھنے لگا کہ وہ اپنی بہن تمر کے سبب سے بِیمار پڑ گیا کیونکہ وہ کُنواری تھی۔ سو امنُوؔن کو اُس کے ساتھ کُچھ کرنا دُشوار معلُوم ہُؤا۔ 3 اور داؤُد کے بھائی سمِعہ کا بیٹا یُوندؔب امنُوؔن کا دوست تھا اور یُوندؔب بڑا چالاک آدمی تھا۔ 4 سو اُس نے اُس سے کہا اَے بادشاہ زادے! تُو کیوں دِن بدِن دُبلا ہوتا جاتا ہے؟ کیا تُو مُجھے نہیں بتائے گا؟
تب امنُوؔن نے اُس سے کہا کہ مَیں اپنے بھائی ابی سلوؔم کی بہن تمر پر عاشِق ہُوں۔
5 یُوندؔب نے اُس سے کہا تُو اپنے بِستر پر لیٹ جا اور بِیماری کا بہانہ کر لے اور جب تیرا باپ تُجھے دیکھنے آئے تو تُو اُس سے کہنا میری بہن تمر کو ذرا آنے دے کہ وہ مُجھے کھانا دے اور میرے سامنے کھانا پکائے تاکہ مَیں دیکُھوں اور اُس کے ہاتھ سے کھاؤُں۔ 6 سو امنُوؔن پڑ گیا اور اُس نے بِیماری کا بہانہ کر لِیا
اور جب بادشاہ اُس کو دیکھنے آیا تو امنُوؔن نے بادشاہ سے کہا میری بہن تمر کو ذرا آنے دے کہ وہ میرے سامنے دو پُورِیاں بنائے تاکہ مَیں اُس کے ہاتھ سے کھاؤُں۔
7 سو داؤُد نے تمر کے گھر کہلا بھیجا کہ تُو ابھی اپنے بھائی امنُوؔن کے گھر جا اور اُس کے لِئے کھانا پکا۔ 8 سو تمر اپنے بھائی امنُوؔن کے گھر گئی اور وہ بِستر پر پڑا ہُؤا تھا اور اُس نے آٹا لِیا اور گُوندھا اور اُس کے سامنے پُورِیاں بنائِیں اور اُن کو پکایا۔ 9 اور توے کو لِیا اور اُس کے سامنے اُن کو اُنڈیل دِیا پر اُس نے کھانے سے اِنکار کِیا۔ تب امنُوؔن نے کہا کہ سب آدمِیوں کو میرے پاس سے باہر کر دو۔ سو ہر ایک آدمی اُس کے پاس سے چلا گیا۔ 10 تب امنُوؔن نے تمر سے کہا کہ کھانا کوٹھری کے اندر لے آ تاکہ مَیں تیرے ہاتھ سے کھاؤُں۔ سو تمر وہ پُورِیاں جو اُس نے پکائی تِھیں اُٹھا کر اُن کو کوٹھری میں اپنے بھائی امنُوؔن کے پاس لائی۔ 11 اور جب وہ اُن کو اُس کے نزدِیک لے گئی کہ وہ کھائے تو اُس نے اُسے پکڑ لِیا اور اُس سے کہا اَے میری بہن مُجھ سے وصل کر۔
12 اُس نے کہا نہیں میرے بھائی میرے ساتھ جبر نہ کر کیونکہ اِسرائیلِیوں میں کوئی اَیسا کام نہیں ہونا چاہئے۔ تُو اَیسی حماقت نہ کر۔ 13 اور بھلا مَیں اپنی رُسوائی کہاں لِئے پِھرُوں گی؟ اور تُو بھی اِسرائیلِیوں میں احمقوں میں سے ایک کی مانِند ٹھہرے گا۔ سو تُو بادشاہ سے عرض کر کیونکہ وہ مُجھ کو تُجھ سے روک نہیں رکھّے گا۔ 14 لیکن اُس نے اُس کی بات نہ مانی اور چُونکہ وہ اُس سے زورآور تھا اِس لِئے اُس نے اُس کے ساتھ جبر کِیا اور اُس سے صُحبت کی۔
15 پِھر امنُوؔن کو اُس سے بڑی سخت نفرت ہو گئی کیونکہ اُس کی نفرت اُس کے جذبہِ عِشق سے کہِیں بڑھ کر تھی۔ سو امنُوؔن نے اُس سے کہا اُٹھ چلی جا۔
16 وہ کہنے لگی اَیسا نہ ہو گا کیونکہ یہ ظُلم کہ تُو مُجھے نِکالتا ہے اُس کام سے جو تُو نے مُجھ سے کِیا بدتر ہے
پر اُس نے اُس کی ایک نہ سُنی۔ 17 تب اُس نے اپنے ایک مُلازِم کو جو اُس کی خِدمت کرتا تھا بُلا کر کہا اِس عَورت کو میرے پاس سے باہر نِکال دے اور پِیچھے دروازہ کی چٹکنی لگا دے۔
18 اور وہ رنگ برنگ کا جوڑا پہنے ہُوئے تھی کیونکہ بادشاہوں کی کُنواری بیٹِیاں اَیسی ہی پوشاک پہنتی تِھیں۔ غرض اُس کے خادِم نے اُس کو باہر کر دِیا اور اُس کے پِیچھے چٹکنی لگا دی۔ 19 اور تمر نے اپنے سر پر خاک ڈالی اور اپنے رنگ برنگ کے جوڑے کو جو پہنے ہُوئے تھی چاک کِیا اور سر پر ہاتھ دھر کر روتی ہُوئی چلی۔ 20 اُس کے بھائی ابی سلوؔم نے اُس سے کہا کیا تیرا بھائی امنُوؔن تیرے ساتھ رہا ہے؟ خَیر اَے میری بہن اب چُپکی ہو رہ کیونکہ وہ تیرا بھائی ہے اور اِس بات کا غم نہ کر۔ سو تمر اپنے بھائی ابی سلوؔم کے گھر میں بے کس پڑی رہی۔
21 اور جب داؤُد بادشاہ نے یہ سب باتیں سُنِیں تو نِہایت غُصّہ ہُؤا۔ 22 اور ابی سلوؔم نے اپنے بھائی امنُوؔن سے کُچھ بُرا بھلا نہ کہا کیونکہ ابی سلوؔم کو امنُوؔن سے نفرت تھی اِس لِئے کہ اُس نے اُس کی بہن تمر کے ساتھ جبر کِیا تھا۔
ابی سلوؔم اِنتقام لیتا ہے
23 اور اَیسا ہُؤا کہ پُورے دو سال کے بعد بھیڑوں کے بال کُترنے والے ابی سلوؔم کے ہاں بعل حصوؔر میں تھے جو اِفرائِیم کے پاس ہے اور ابی سلوؔم نے بادشاہ کے سب بیٹوں کو دعوت دی۔ 24 سو ابی سلوؔم بادشاہ کے پاس آ کر کہنے لگا کہ تیرے خادِم کے ہاں بھیڑوں کے بال کترنے والے آئے ہیں سو مَیں مِنّت کرتا ہُوں کہ بادشاہ مع اپنے مُلازِموں کے اپنے خادِم کے ساتھ چلے۔
25 تب بادشاہ نے ابی سلوؔم سے کہا نہیں میرے بیٹے ہم سب کے سب نہ چلیں تا نہ ہو کہ تُجھ پر ہم بوجھ ہو جائیں اور وہ اُس سے بجِد ہُؤا تَو بھی وہ نہ گیا پر اُسے دُعا دی۔
26 تب ابی سلوؔم نے کہا اگر اَیسا نہیں ہو سکتا تو میرے بھائی امنُوؔن کو تو ہمارے ساتھ جانے دے۔
بادشاہ نے اُس سے کہا وہ تیرے ساتھ کیوں جائے؟ 27 لیکن ابی سلوؔم اَیسا بجِد ہُؤا کہ اُس نے امنُوؔن اور سب بادشاہ زادوں کو اُس کے ساتھ جانے دِیا۔ 28 اور ابی سلوؔم نے اپنے خادِموں کو حُکم دِیا کہ دیکھو جب امنُوؔن کا دِل مَے سے سرُور میں ہو اور مَیں تُم کو کہُوں کہ امنُوؔن کو مارو تو تُم اُسے مار ڈالنا۔ خَوف نہ کرنا۔ کیا مَیں نے تُم کو حُکم نہیں دِیا؟ دِلیر اور بہادُر بنے رہو۔ 29 چُنانچہ ابی سلوؔم کے نَوکروں نے امنُوؔن سے وَیسا ہی کِیا جَیسا ابی سلوؔم نے حُکم دِیا تھا۔ تب سب بادشاہ زادے اُٹھے اور ہر ایک اپنے خچرّ پر چڑھ کر بھاگا۔
30 اور وہ ہنُوز راستہ ہی میں تھے کہ داؤُد کے پاس یہ خبر پُہنچی کہ ابی سلوؔم نے سب بادشاہ زادوں کو قتل کر ڈالا ہے اور اُن میں سے ایک بھی باقی نہیں بچا۔ 31 تب بادشاہ نے اُٹھ کر اپنے کپڑے پھاڑے اور زمِین پر پڑ گیا اور اُس کے سب مُلازِم کپڑے پھاڑے ہُوئے اُس کے حضُور کھڑے رہے۔ 32 تب داؤُد کے بھائی سِمعہ کا بیٹا یُوندؔب کہنے لگا کہ میرا مالِک یہ خیال نہ کرے کہ اُنہوں نے سب جوانوں کو جو بادشاہ زادے ہیں مار ڈالا ہے اِس لِئے کہ صِرف امنُوؔن ہی مَرا ہے کیونکہ ابی سلوؔم کے اِنتِظام سے اُسی دِن سے یہ بات ٹھان لی گئی تھی جب اُس نے اُس کی بہن تمر کے ساتھ جبر کِیا تھا۔ 33 سو میرا مالِک بادشاہ اَیسا خیال کر کے کہ سب بادشاہ زادے مَر گئے اِس بات کا غم نہ کرے کیونکہ صِرف امنُوؔن ہی مَرا ہے۔
34 اور ابی سلوؔم بھاگ گیا
اور اُس جوان نے جو نِگہبان تھا اپنی آنکھیں اُٹھا کر نِگاہ کی اور کیا دیکھا کہ بہت سے لوگ اُس کے پِیچھے کی طرف سے پہاڑ کے دامن کے راستہ سے چلے آ رہے ہیں۔ 35 تب یُوندب نے بادشاہ سے کہا کہ دیکھ بادشاہ زادے آ گئے۔ جَیسا تیرے خادِم نے کہا تھا وَیسا ہی ہے۔ 36 اُس نے اپنی بات ختم ہی کی تھی کہ بادشاہ زادے آ پُہنچے اور چِلاّ چِلاّ کر رونے لگے اور بادشاہ اور اُس کے سب مُلازِم بھی زار زار روئے۔
37 لیکن ابی سلوؔم بھاگ کر جسُور کے بادشاہ عمِّیہُود کے بیٹے تلمی کے پاس چلا گیا اور داؤُد ہر روز اپنے بیٹے کے لِئے ماتم کرتا رہا۔ 38 سو ابی سلوؔم بھاگ کر جسُور کو گیا اور تِین برس تک وہِیں رہا۔ 39 اور داؤُد بادشاہ کے دِل میں ابی سلوؔم کے پاس جانے کی بڑی آرزُو تھی کیونکہ امنُوؔن کی طرف سے اُسے تسلّی ہو گئی تھی اِس لِئے کہ وہ مَر چُکا تھا۔
یوآب ابی سلوؔم کی واپسی کا بندوبست کرتا ہے
1 اور ضروؔیاہ کے بیٹے یوآؔب نے تاڑ لِیا کہ بادشاہ کا دِل ابی سلوؔم کی طرف لگا ہے۔ 2 سو یوآب نے تقُوؔع کو آدمی بھیج کر وہاں سے ایک دانِش مند عَورت بُلوائی اور اُس سے کہا کہ ذرا سوگ والی کا سا بھیس کر کے ماتم کے کپڑے پہن لے اور تیل نہ لگا بلکہ اَیسی عَورت کی طرح بن جا جو بڑی مُدّت سے مُردہ کے لِئے ماتم کر رہی ہو۔ 3 اور بادشاہ کے پاس جا کر اُس سے اِس اِس طرح کہنا۔ پِھر یوآب نے اُسے جو باتیں کہنی تِھیں سِکھائِیں۔
4 اور جب تقُوؔع کی وہ عَورت بادشاہ سے باتیں کرنے لگی تو زمِین پر اَوندھے مُنہ ہو کر گِری اور سِجدہ کر کے کہا اَے بادشاہ تیری دُہائی ہے!
5 بادشاہ نے اُس سے کہا تُجھے کیا ہُؤا؟
اُس نے کہا مَیں سچ مُچ ایک بیوہ ہُوں اور میرا شَوہر مَر گیا ہے۔ 6 تیری لَونڈی کے دو بیٹے تھے۔ وہ دونوں مَیدان پر آپس میں مار پِیٹ کرنے لگے اور کوئی نہ تھا جو اُن کو چُھڑا دیتا۔ سو ایک نے دُوسرے کو اَیسی ضرب لگائی کہ اُسے مار ڈالا۔ 7 اور اب دیکھ کہ سب کُنبے کا کُنبہ تیری لَونڈی کے خِلاف اُٹھ کھڑا ہُؤا ہے اور وہ کہتے ہیں کہ اُس کو جِس نے اپنے بھائی کو مارا ہمارے حوالہ کر تاکہ ہم اُس کو اُس کے بھائی کی جان کے بدلے جِسے اُس نے مار ڈالا قتل کریں اور یُوں وارِث کو بھی ہلاک کر دیں۔ اِس طرح تو وہ میرے انگارے کو جو باقی رہا ہے بُجھا دیں گے اور میرے شَوہر کا نہ تو نام نہ بقِیّہ رُویِ زمِین پر چھوڑیں گے۔
8 بادشاہ نے اُس عَورت سے کہا تُو اپنے گھر جا اور مَیں تیری بابت حُکم کرُوں گا۔
9 تقُوؔع کی اُس عَورت نے بادشاہ سے کہا اَے میرے مالِک! اَے بادشاہ! سارا گُناہ مُجھ پر اور میرے باپ کے گھرانے پر ہو اور بادشاہ اور اُس کا تخت بے گُناہ رہے۔
10 تب بادشاہ نے فرمایا جو کوئی تُجھ سے کُچھ کہے اُسے میرے پاس لے آنا اور وہ پِھر تُجھ کو چُھونے نہیں پائے گا۔
11 تب اُس نے کہا کہ مَیں عرض کرتی ہُوں کہ بادشاہ خُداوند اپنے خُدا کو یاد کرے کہ خُون کا اِنتِقام لینے والا اَور ہلاک نہ کرنے پائے تا نہ ہو کہ وہ میرے بیٹے کو ہلاک کر دیں۔
اُس نے جواب دِیا خُداوند کی حیات کی قَسم تیرے بیٹے کا ایک بال بھی زمِین پر نہیں گِرنے پائے گا۔
12 تب اُس عَورت نے کہا ذرا میرے مالِک بادشاہ سے تیری لَونڈی ایک بات کہے۔
13 اُس نے جواب دِیا کہہ۔ تب اُس عَورت نے کہا کہ تُو نے خُدا کے لوگوں کے خِلاف اَیسی تدبِیر کیوں نِکالی ہے؟ کیونکہ بادشاہ اِس بات کے کہنے سے مُجرِم سا ٹھہرتا ہے اِس لِئے کہ بادشاہ اپنے جلا وطن کو پِھر گھر لَوٹا کر نہیں لاتا۔ 14 کیونکہ ہم سب کو مَرنا ہے اور ہم زمِین پر گِرے ہُوئے پانی کی طرح ہو جاتے ہیں جو پِھر جمع نہیں ہو سکتا اور خُدا کِسی کی جان نہیں لیتا بلکہ اَیسے وسائِل نِکالتا ہے کہ جلاوطن اُس کے ہاں سے نِکالا ہُؤا نہ رہے۔ 15 اور مَیں جو اپنے مالِک بادشاہ سے یہ بات کہنے آئی ہُوں تو اِس کا سبب یہ ہے کہ لوگوں نے مُجھے ڈرا دِیا تھا۔ سو تیری لَونڈی نے کہا کہ مَیں آپ بادشاہ سے عرض کرُوں گی۔ شاید بادشاہ اپنی لَونڈی کی عرض پُوری کرے۔ 16 کیونکہ بادشاہ سُن کر ضرُور اپنی لَونڈی کو اُس شخص کے ہاتھ سے چُھڑائے گا جو مُجھے اور میرے بیٹے دونوں کو خُدا کی مِیراث میں سے نیست کر ڈالنا چاہتا ہے۔ 17 سو تیری لَونڈی نے کہا کہ میرے مالِک بادشاہ کی بات تسلّی بخش ہو کیونکہ میرا مالِک بادشاہ نیکی اور بدی کے اِمتِیاز کرنے میں خُدا کے فرِشتہ کی مانِند ہے۔ سو خُداوند تیرا خُدا تیرے ساتھ ہو۔
18 تب بادشاہ نے اُس عَورت سے کہا مَیں تُجھ سے جو کُچھ پوچُھوں تُو اُس کو ذرا بھی مُجھ سے مت چِھپانا۔
اُس عَورت نے کہا میرا مالِک بادشاہ فرمائے۔
19 بادشاہ نے کہا کیا اِس سارے مُعاملہ میں یوآب کا ہاتھ تیرے ساتھ ہے؟
اُس عَورت نے جواب دِیا تیری جان کی قَسم اَے میرے مالِک بادشاہ کوئی اِن باتوں سے جو میرے مالِک بادشاہ نے فرمائی ہیں دہنی یا بائِیں طرف نہیں مُڑ سکتا کیونکہ تیرے خادِم یوآب ہی نے مُجھے حُکم دِیا اور اُسی نے یہ سب باتیں تیری لَونڈی کو سِکھائِیں۔ 20 اور تیرے خادِم یوآب نے یہ کام اِس لِئے کِیا تاکہ اُس مضمُون کے رنگ ہی کو پلٹ دے اور میرا مالِک دانش مند ہے جِس طرح خُدا کے فرِشتہ میں سمجھ ہوتی ہے کہ دُنیا کی سب باتوں کو جان لے۔
21 تب بادشاہ نے یوآب سے کہا دیکھ مَیں نے یہ بات مان لی۔ سو تُو جا اور اُس جوان ابی سلوؔم کو پِھر لے آ۔
22 تب یوآب زمِین پر اَوندھا ہو کر گِرا اور سِجدہ کِیا اور بادشاہ کو مُبارک باد دی اور یوآب کہنے لگا آج تیرے بندہ کو یقِین ہُؤا اَے میرے مالِک بادشاہ کہ مُجھ پر تیرے کرم کی نظر ہے اِس لِئے کہ بادشاہ نے اپنے خادِم کی عرض پُوری کی۔ 23 پِھر یوآب اُٹھا اور جسُور کو گیا اور ابی سلوؔم کو یروشلیِم میں لے آیا۔ 24 تب بادشاہ نے فرمایا وہ اپنے گھر جائے اور میرا مُنہ نہ دیکھے۔ سو ابی سلوؔم اپنے گھر گیا اور وہ بادشاہ کا مُنہ دیکھنے نہ پایا۔
داؤُد اور ابی سلوؔم کے درمیان صُلح
25 اور سارے اِسرائیلؔ میں کوئی شخص ابی سلوؔم کی طرح اُس کے حُسن کے سبب سے تعرِیف کے قابِل نہ تھا کیونکہ اُس کے پاؤں کے تلوے سے سر کے چاند تک اُس میں کوئی عَیب نہ تھا۔ 26 اور جب وہ اپنا سر مُنڈواتا تھا (کیونکہ ہر سال کے آخِر میں وہ اُسے مُنڈواتا تھا اِس لِئے کہ اُس کے بال گھنے تھے سو وہ اُن کو مُنڈواتا تھا) تو اپنے سر کے بال وزن میں شاہی تول کے مُطابِق دو سَو مِثقال کے برابر پاتا تھا۔ 27 اور ابی سلوؔم سے تِین بیٹے پَیدا ہُوئے اور ایک بیٹی جِس کا نام تمر تھا۔ وہ بُہت خُوب صُورت عَورت تھی۔
28 اور ابی سلوؔم پُورے دو برس یروشلیِم میں رہا اور بادشاہ کا مُنہ نہ دیکھا۔ 29 سو ابی سلوؔم نے یوآب کو بُلوایا تاکہ اُسے بادشاہ کے پاس بھیجے پر اُس نے اُس کے پاس آنے سے انِکار کِیا اور اُس نے دوبارہ بُلوایا لیکن وہ نہ آیا۔ 30 اِس لِئے اُس نے اپنے مُلازِموں سے کہا کہ دیکھو یوآب کا کھیت میرے کھیت سے لگا ہے اور اُس میں جَو ہیں سو جا کر اُس میں آگ لگا دو اور ابی سلوؔم کے مُلازِموں نے اُس کھیت میں آگ لگا دی۔
31 تب یوآب اُٹھا اور ابی سلوؔم کے پاس اُس کے گھر جا کر اُس سے کہنے لگا تیرے خادِموں نے میرے کھیت میں آگ کیوں لگا دی؟
32 ابی سلوؔم نے یوآب کو جواب دِیا کہ دیکھ مَیں نے تُجھے کہلا بھیجا کہ یہاں آ تاکہ مَیں تُجھے بادشاہ کے پاس یہ کہنے کو بھیجُوں کہ مَیں جسُور سے کیوں یہاں آیا؟ میرے لِئے اب تک وہِیں رہنا بِہتر ہوتا۔ سو اب بادشاہ مُجھے اپنا دِیدار دے اور اگر مُجھ میں کوئی بدی ہو تو وہ مُجھے مار ڈالے۔
33 تب یوآب نے بادشاہ کے پاس جا کر اُسے یہ پَیغام دِیا اور جب اُس نے ابی سلوؔم کو بُلوایا تب وہ بادشاہ کے پاس آیا اور بادشاہ کے آگے زمِین پر سرنِگُوں ہو گیا اور بادشاہ نے ابی سلوؔم کو بوسہ دِیا۔
ابی سلوؔم بغاوت کا منصُوبہ بناتا ہے
1 اِس کے بعد اَیسا ہُؤا کہ ابی سلوؔم نے اپنے لِئے ایک رتھ اور گھوڑے اور پچاس آدمی تیّار کِئے جو اُس کے آگے آگے دَوڑیں۔ 2 اور ابی سلوؔم سویرے اُٹھ کر پھاٹک کے راستہ کے برابر کھڑا ہو جاتا اور جب کوئی اَیسا آدمی آتا جِس کا مُقدّمہ فَیصلہ کے لِئے بادشاہ کے پاس جانے کو ہوتا تو ابی سلوؔم اُسے بُلا کر پُوچھتا تھا کہ تُو کِس شہر کا ہے؟ اور وہ کہتا کہ تیرا خادِم اِسرائیلؔ کے فُلانے قبِیلہ کا ہے۔ 3 پِھر ابی سلوؔم اُس سے کہتا دیکھ تیری باتیں تو ٹِھیک اور سچّی ہیں لیکن کوئی بادشاہ کی طرف سے مُقرّر نہیں ہے جو تیری سُنے۔ 4 اور ابی سلوؔم یہ بھی کہا کرتا تھا کہ کاش مَیں مُلک کا قاضی بنایا گیا ہوتا تو ہر شخص جِس کا کوئی مُقدّمہ یا دعویٰ ہوتا میرے پاس آتا اور مَیں اُس کا اِنصاف کرتا! 5 اور جب کوئی ابی سلوؔم کے نزدِیک آتا تھا کہ اُسے سِجدہ کرے تو وہ ہاتھ بڑھا کر اُسے پکڑ لیتا اور اُس کو بوسہ دیتا تھا۔ 6 اور ابی سلوؔم سب اِسرائیلِیوں سے جو بادشاہ کے پاس فَیصلہ کے لِئے آتے تھے اِسی طرح پیش آتا تھا۔ یُوں ابی سلوؔم نے اِسرائیلؔ کے لوگوں کے دِل موہ لِئے۔
7 اور چالِیس برس کے بعد یُوں ہُؤا کہ ابی سلوؔم نے بادشاہ سے کہا مُجھے ذرا جانے دے کہ مَیں اپنی مَنّت جو مَیں نے خُداوند کے لِئے مانی ہے حبرُوؔن میں پُوری کرُوں۔ 8 کیونکہ جب مَیں ارام کے جسُور میں تھا تو تیرے خادِم نے یہ مَنّت مانی تھی کہ اگر خُداوند مُجھے پِھر یروشلِیم میں سچ مُچ پُہنچا دے تو مَیں خُداوند کی عِبادت کرُوں گا۔
9 بادشاہ نے اُس سے کہا کہ سلامت جا۔ سو وہ اُٹھا اور حبرُوؔن کو گیا۔ 10 اور ابی سلوؔم نے بنی اِسرائیل کے سب قبِیلوں میں جاسُوس بھیج کر مُنادی کرا دی کہ جَیسے ہی تُم نرسِنگے کی آواز سُنو تو بول اُٹھنا کہ ابی سلوؔم حبرُوؔن میں بادشاہ ہو گیا ہے۔ 11 اور ابی سلوؔم کے ساتھ یروشلِیم سے دو سَو آدمی جِن کو دعوت دی گئی تھی گئے تھے۔ وہ سادہ دِلی سے گئے تھے اور اُن کو کِسی بات کی خبر نہیں تھی۔ 12 اور ابی سلوؔم نے قُربانِیاں گُذرانتے وقت جِلونی اخِیُتفل کو جو داؤُد کا مُشِیر تھا اُس کے شہر جِلوہ سے بُلوایا۔ یہ بڑی بھاری سازِش تھی اور ابی سلوؔم کے پاس لوگ برابر بڑھتے ہی جاتے تھے۔
داؤُد یروشلیِم سے فرار ہوتا ہے
13 اور ایک قاصِد نے آ کر داؤُد کو خبر دی کہ بنی اِسرائیل کے دِل ابی سلوؔم کی طرف ہیں۔
14 اور داؤُد نے اپنے سب مُلازِموں سے جو یروشلِیم میں اُس کے ساتھ تھے کہا اُٹھو بھاگ چلیں۔ نہیں تو ہم میں سے ایک بھی ابی سلوؔم سے نہیں بچے گا۔ چلنے کی جلدی کرو نہ ہو کہ وہ ہم کو جھٹ آ لے اور ہم پر آفت لائے اور شہر کو تہِ تیغ کرے۔
15 بادشاہ کے خادِموں نے بادشاہ سے کہا دیکھ تیرے خادِم جو کُچھ ہمارا مالِک بادشاہ چاہے اُسے کرنے کو تیّار ہیں۔ 16 تب بادشاہ نِکلا اور اُس کا سارا گھرانا اُس کے پِیچھے چلا اور بادشاہ نے دس عَورتیں جو حرمیں تِھیں گھر کی نِگہبانی کے لِئے پِیچھے چھوڑ دِیں۔
17 اور بادشاہ نِکلا اور سب لوگ اُس کے پِیچھے چلے اور وہ بَیت مِر حاق میں ٹھہر گئے۔ 18 اور اُس کے سب خادِم اُس کے برابر سے ہوتے ہُوئے آگے گئے اور سب کریتی اور سب فلیتی اور سب جاتی یعنی وہ چھ سَو آدمی جو جات سے اُس کے ساتھ آئے تھے بادشاہ کے سامنے آگے چلے۔ 19 تب بادشاہ نے جاتی اِتی سے کہا تُو ہمارے ساتھ کیوں چلتا ہے؟ تُو لَوٹ جا اور بادشاہ کے ساتھ رہ کیونکہ تُو پردیسی اور جلا وطن بھی ہے۔ سو اپنی جگہ کو لَوٹ جا۔ 20 تُو کل ہی تو آیا ہے سو کیا آج مَیں تُجھے اپنے ساتھ اِدھر اُدھر پِھراؤُں جِس حال کہ مُجھے جِدھر جا سکتا ہُوں جانا ہے؟ سو تُو لَوٹ جا اور اپنے بھائِیوں کو ساتھ لیتا جا۔ رحمت اور سچّائی تیرے ساتھ ہوں۔
21 تب اِتی نے بادشاہ کو جواب دِیا خُداوند کی حیات کی اور میرے مالِک بادشاہ کی جان کی قَسم جہاں کہِیں میرا مالِک بادشاہ خواہ مَرتے خواہ جِیتے ہو گا وہِیں ضرُور تیرا خادِم بھی ہو گا۔
22 سو داؤُد نے اِتی سے کہا چل پار جا اور جاتی اِتی اور اُس کے سب لوگ اور سب ننّھے بچّے جو اُس کے ساتھ تھے پار گئے۔ 23 اور سارا مُلک بُلند آواز سے رویا اور سب لوگ پار ہو گئے اور بادشاہ خُود نہرِ قِدروؔن کے پار ہُؤا اور سب لوگوں نے پار ہو کر دشت کی راہ لی۔
24 اور صدُوؔق بھی اور اُس کے ساتھ سب لاوی خُدا کے عہد کا صندُوق لِئے ہُوئے آئے اور اُنہوں نے خُدا کے صندُوق کو رکھ دِیا اور ابیاتر اُوپر چڑھ گیا اور جب تک سب لوگ شہر سے نِکل نہ آئے وہِیں رہا۔ 25 تب بادشاہ نے صدُوؔق سے کہا کہ خُدا کا صندُوق شہر کو واپس لے جا۔ پس اگر خُداوند کے کرم کی نظر مُجھ پر ہو گی تو وہ مُجھے پِھر لے آئے گا اور اُسے اور اپنے مسکن کو مُجھے پِھر دِکھائے گا۔ 26 پر اگر وہ یُوں فرمائے کہ مَیں تُجھ سے خُوش نہیں تو دیکھ مَیں حاضِر ہُوں جو کُچھ اُس کو بھلا معلُوم ہو میرے ساتھ کرے۔ 27 اور بادشاہ نے صدُوؔق کاہِن سے یہ بھی کہا کیا تُو غَیب بِین نہیں؟ شہر کو سلامت لَوٹ جا اور تُمہارے ساتھ تُمہارے دونوں بیٹے ہوں اخیِمعض جو تیرا بیٹا ہے اور یُونتن جو ابیاتر کا بیٹا ہے۔ 28 اور دیکھ مَیں اُس دشت کے گھاٹوں کے پاس ٹھہرا رہُوں گا جب تک تُمہارے پاس سے مُجھے حقِیقتِ حال کی خبر نہ مِلے۔ 29 سو صدُوؔق اور ابیاتر خُدا کا صندُوق یروشلِیم کو واپس لے گئے اور وہِیں رہے۔
30 اور داؤُد کوہِ زَیتُوؔن کی چڑھائی پر چڑھنے لگا اور روتا جا رہا تھا۔ اُس کا سر ڈھکا تھا اور وہ ننگے پاؤں چل رہا تھا اور وہ سب لوگ جو اُس کے ساتھ تھے اُن میں سے ہر ایک نے اپنا سر ڈھانک رکھّا تھا۔ وہ اُوپر چڑھتے اور روتے جاتے تھے۔ 31 اور کِسی نے داؤُد کو بتایا کہ اخِیتُفل بھی مُفسِدوں میں شامِل اور ابی سلوؔم کے ساتھ ہے۔ تب داؤُد نے کہا اَے خُداوند! مَیں تُجھ سے مِنّت کرتا ہُوں کہ اخِیتُفل کی صلاح کو بیُوقُوفی سے بدل دے۔
32 جب داؤُد چوٹی پر پُہنچا جہاں خُدا کو سِجدہ کِیا کرتے تھے تو ارکی حُوسی اپنی قبا پھاڑے اور سر پر خاک ڈالے اُس کے اِستِقبال کو آیا۔ 33 اور داؤُد نے اُس سے کہا اگر تُو میرے ساتھ جائے تو مُجھ پر بار ہو گا۔ 34 پر اگر تُو شہر کو لَوٹ جائے اور ابی سلوؔم سے کہے کہ اَے بادشاہ مَیں تیرا خادِم ہُوں گا جَیسے گُذرے زمانہ میں تیرے باپ کا خادِم رہا وَیسے ہی اب تیرا خادِم ہُوں تو تُو میری خاطِر اخِیتُفل کی مشوَرت کو باطِل کر دے گا۔ 35 اور کیا وہاں تیرے ساتھ صدُوؔق اور ابیاتر کاہِن نہ ہوں گے؟ سو جو کُچھ تُو بادشاہ کے گھر میں سُنے اُسے صدُوؔق اور ابیاتر کاہِنوں کو بتا دینا۔ 36 دیکھ وہاں اُن کے ساتھ اُن کے دونوں بیٹے ہیں یعنی صدُوؔق کا بیٹا اخیِمعض اور ابیاتر کا بیٹا یُونتن سو جو کُچھ تُم سُنو اُسے اُن کی معرفت مُجھے کہلا بھیجنا۔
37 سو داؤُد کا دوست حُوسی شہر میں آیا اور ابی سلوؔم بھی یروشلیِم میں پُہنچ گیا۔
داؤُد اور ضِیبا
1 اور جب داؤُد چوٹی سے کُچھ آگے بڑھا تو مفِیبوؔست کا خادِم ضِیبا دو گدھے لِئے ہُوئے اُسے مِلا جِن پر زِین کَسے تھے اور اُن کے اُوپر دو سَو روٹِیاں اور کِشمِش کے سَو خوشے اور تابِستانی میووں کے سَو دانے اور مَے کا ایک مشکِیزہ تھا۔ 2 اور بادشاہ نے ضِیبا سے کہا اِن سے تیرا کیا مطلَب ہے؟
ضِیبا نے کہا یہ گدھے بادشاہ کے گھرانے کی سواری کے لِئے اور روٹِیاں اور گرمی کے پَھل جوانوں کے کھانے کے لِئے ہیں اور یہ مَے اِس لِئے ہے کہ جو بیابان میں تھک جائیں اُسے پِیئیں۔
3 اور بادشاہ نے پُوچھا تیرے آقا کا بیٹا کہاں ہے؟
ضِیبا نے بادشاہ سے کہا دیکھ وہ یروشلیِم میں رہ گیا ہے کیونکہ اُس نے کہا کہ آج اِسرائیل کا گھرانا میرے باپ کی مُملِکت مُجھے پھیر دے گا۔
4 تب بادشاہ نے ضِیبا سے کہا دیکھ! جو کُچھ مفِیبوؔست کا ہے وہ سب تیرا ہو گیا۔
تب ضِیبا نے کہا مَیں سِجدہ کرتا ہُوں اَے میرے مالِک بادشاہ تیرے کرم کی نظر مُجھ پر رہے!
داؤُد اور سِمعی
5 جب داؤُد بادشاہ بحُورِیم پُہنچا تو وہاں سے ساؤُل کے گھر کے لوگوں میں سے ایک شخص جِس کا نام سِمعی بِن جیرا تھا نِکلا اور لَعنت کرتا ہُؤا آیا۔ 6 اور اُس نے داؤُد پر اور داؤُد بادشاہ کے سب خادِموں پر پتّھر پھینکے اور سب لوگ اور سب سُورما اُس کے دہنے اور بائیں ہاتھ تھے۔ 7 اور سِمعی لَعنت کرتے وقت یُوں کہتا تھا دُور ہو! دُور ہو! اَے خُونی آدمی اَے خبِیث! 8 خُداوند نے ساؤُل کے گھرانے کے سب خُون کو جِس کے عِوض تُو بادشاہ ہُؤا تیرے ہی اُوپر لَوٹایا اور خُداوند نے سلطنت تیرے بیٹے ابی سلوؔم کے ہاتھ میں دے دی ہے اور دیکھ تُو اپنی ہی شرارت میں خُود آپ پھنس گیا ہے اِس لِئے کہ تُو خُونی آدمی ہے۔
9 تب ضروؔیاہ کے بیٹے ابِیشے نے بادشاہ سے کہا یہ مَرا ہُؤا کُتّا میرے مالِک بادشاہ پر کیوں لَعنت کرے؟ مُجھ کو ذرا اُدھر جانے دے کہ اُس کا سر اُڑا دُوں۔
10 بادشاہ نے کہا اَے ضرویاہ کے بیٹو! مُجھے تُم سے کیا کام؟ وہ جو لَعنت کر رہا ہے اور خُداوند نے اُس سے کہا ہے کہ داؤُد پر لَعنت کر سو کَون کہہ سکتا ہے کہ تُو نے کیوں اَیسا کِیا؟ 11 اور داؤُد نے ابِیشے سے اور اپنے سب خادِموں سے کہا دیکھو میرا بیٹا ہی جو میرے صُلب سے پَیدا ہُؤا میری جان کا طالِب ہے پس اب یہ بِنیمِینی کِتنا زِیادہ اَیسا نہ کرے؟ اُسے چھوڑ دو اور لَعنت کرنے دو کیونکہ خُداوند نے اُسے حُکم دِیا ہے۔ 12 شاید خُداوند اُس ظُلم پر جو میرے اُوپر ہُؤا ہے نظر کرے اور خُداوند آج کے دِن اُس کی لَعنت کے بدلے مُجھے نیک بدلہ دے۔ 13 سو داؤُد اور اُس کے لوگ راستہ چلتے رہے اور سِمعی اُس کے سامنے کے پہاڑ کے پہلُو پر چلتا رہا اور چلتے چلتے لَعنت کرتا اور اُس کی طرف پتّھر پھینکتا اور خاک ڈالتا رہا۔ 14 اور بادشاہ اور اُس کے سب ہمراہی تھکے ہُوئے آئے اور وہاں اُس نے دَم لِیا۔
ابی سلوؔم یروشلیِم میں داخِل ہوتا ہے
15 اور ابی سلوؔم اور سب اِسرائیلی مَرد یروشلیِم میں آئے اور اخِیتُفل اُس کے ساتھ تھا۔ 16 اور اَیسا ہُؤا کہ جب داؤُد کا دوست ارکی حُوسی ابی سلوؔم کے پاس آیا تو حُوسی نے ابی سلوؔم سے کہا بادشاہ جِیتا رہے! بادشاہ جِیتا رہے!
17 اور ابی سلوؔم نے حُوسی سے کہا کیا تُو نے اپنے دوست پر یِہی مِہربانی کی؟ تو اپنے دوست کے ساتھ کیوں نہ گیا؟
18 حُوسی نے ابی سلوؔم سے کہا نہیں بلکہ جِس کو خُداوند نے اور اِس قَوم نے اور اِسرائیل کے سب آدمِیوں نے چُن لِیا ہے مَیں اُسی کا ہُوں گا اور اُسی کے ساتھ رہُوں گا۔ 19 اور پِھر مَیں کِس کی خِدمت کرُوں؟ کیا مَیں اُس کے بیٹے کے سامنے رہ کر خِدمت نہ کرُوں؟ جَیسے مَیں نے تیرے باپ کے سامنے رہ کر خِدمت کی وَیسے ہی تیرے سامنے رہُوں گا۔
20 تب ابی سلوؔم نے اخِیُتفل سے کہا تُم صلاح دو کہ ہم کیا کریں۔
21 سو اخِیُتفل نے ابی سلوؔم سے کہا کہ اپنے باپ کی حرموں کے پاس جاجِن کو وہ گھر کی نِگہبانی کو چھوڑ گیا ہے۔ اِس لِئے کہ جب سب اِسرائیلی سُنیں گے کہ تیرے باپ کو تُجھ سے نفرت ہے تو اُن سب کے ہاتھ جو تیرے ساتھ ہیں قَوی ہو جائیں گے۔ 22 سو اُنہوں نے محلّ کی چھت پر ابی سلوؔم کے لِئے ایک تنبُو کھڑا کر دِیا اور ابی سلوؔم سب بنی اِسرائیل کے سامنے اپنے باپ کی حرموں کے پاس گیا۔
23 اور اخِیُتفل کی مشورَت جو اِن دِنوں ہوتی وہ اَیسی سمجھی جاتی تھی کہ گویا خُدا کے کلام سے آدمی نے بات پُوچھ لی۔ یُوں اخِیُتفل کی مشورَت داؤُد اور ابی سلوؔم کی خِدمت میں اَیسی ہی ہوتی تھی۔
حُوسی ابی سلوؔم کو بہکاتا ہے
1 اور اخِیُتفل نے ابی سلوؔم سے یہ بھی کہا کہ مُجھے ابھی بارہ ہزار مَرد چُن لینے دے اور مَیں اُٹھ کر آج ہی رات کو داؤُد کا پِیچھا کرُونگا۔ 2 اور اَیسے حال میں کہ وہ تھکا ماندہ ہو اور اُس کے ہاتھ ڈِھیلے ہوں مَیں اُس پر جا پڑُوں گا اور اُسے ڈراؤُں گا اور سب لوگ جو اُس کے ساتھ ہیں بھاگ جائیں گے اور مَیں فَقط بادشاہ کو مارُوں گا۔ 3 اور مَیں سب لوگوں کو تیرے پاس لَوٹا لاؤُں گا۔ جِس آدمی کا تُو طالِب ہے وہ اَیسا ہے کہ گویا سب لَوٹ آئے۔ یُوں سب لوگ سلامت رہیں گے۔ 4 یہ بات ابی سلوؔم کو اور اِسرائیل کے سب بزُرگوں کو بُہت اچّھی لگی۔
5 اور ابی سلوؔم نے کہا اب ارکی حُوسی کو بھی بُلاؤ اور جو وہ کہے ہم اُسے بھی سُنیں۔ 6 جب حُوسی ابی سلوؔم کے پاس آیا تو ابی سلوؔم نے اُس سے کہا کہ اخِیُتفل نے تو یہ یہ کہا ہے۔ کیا ہم اُس کے کہنے کے مُطابِق عمل کریں؟ اگر نہیں تو تُو بتا۔
7 حُوسی نے ابی سلوؔم سے کہا کہ وہ صلاح جو اخِیُتفل نے اِس بار دی ہے اچّھی نہیں۔ 8 ماسِوا اِس کے حُوسی نے یہ بھی کہا کہ تُو اپنے باپ کو اور اُس کے آدمِیوں کو جانتا ہے کہ وہ زبردست لوگ ہیں اور وہ اپنے دِل ہی دِل میں اُس رِیچھنی کی مانِند جِس کے بچّے جنگل میں چِھن گئے ہوں جھلاّ رہے ہوں گے اور تیرا باپ جنگی مَرد ہے اور وہ لوگوں کے ساتھ نہیں ٹھہرے گا۔ 9 اور دیکھ اب تو وہ کِسی غار میں یا کِسی دُوسری جگہ چِھپا ہُؤا ہو گا اور جب شرُوع ہی میں تھوڑے سے قتل ہو جائیں گے تو جو کوئی سُنے گا وہ یِہی کہے گا کہ ابی سلوؔم کے پَیروؤں کے درمِیان تو خُون ریزی شرُوع ہے۔ 10 تب وہ بھی جو بہادُر ہے اور جِس کا دِل شیر کے دِل کی طرح ہے بِالکُل پِگھل جائے گا کیونکہ سارا اِسرائیل جانتا ہے کہ تیرا باپ زبردست آدمی ہے اور اُس کے ساتھ کے لوگ سُورما ہیں۔ 11 سو مَیں یہ صلاح دیتا ہُوں کہ دان سے بیرؔسبع تک کے سب اِسرائیلی سمُندر کے کنارے کی ریت کی طرح تیرے پاس کثرت سے اِکٹّھے کِئے جائیں اور تُو آپ ہی لڑائی پر جائے۔ 12 یُوں ہم کِسی نہ کِسی جگہ جہاں وہ مِلے اُس پر جا ہی پڑیں گے اور ہم اُس پر اَیسے گِریں گے جَیسے شبنم زمِین پر گِرتی ہے۔ پِھر نہ تو ہم اُسے اور نہ اُس کے ساتھ کے سب آدمِیوں میں سے کِسی کو جِیتا چھوڑیں گے۔ 13 ماسِوا اِس کے اگر وہ کِسی شہر میں گُھسا ہُؤا ہو گا تو سب اِسرائیلی اُس شہر کے پاس رسّیِاں لے آئیں گے اور ہم اُس کو کھینچ کر دریا میں کر دیں گے یہاں تک کہ اُس کا ایک چھوٹا سا پتّھر بھی وہاں نہیں مِلے گا۔
14 تب ابی سلوؔم اور سب اِسرائیلی کہنے لگے کہ یہ مشورَت جو ارکی حُوسی نے دی ہے اخِیُتفل کی مشورَت سے اچّھی ہے کیونکہ یہ تو خُداوند ہی نے ٹھہرا دِیا تھا کہ اخِیُتفل کی اچّھی صلاح باطِل ہو جائے تاکہ خُداوند ابی سلوؔم پر بلا نازِل کرے۔
داؤُد کو خطرہ سے آگاہ کِیا جاتا ہے اور وہ بچ نِکلتا ہے
15 تب حُوسی نے صدُوؔق اور ابیاؔتر کاہِنوں سے کہا کہ اخِیُتفل نے ابی سلوؔم کو اور بنی اِسرائیل کے بزُرگوں کو اَیسی اَیسی صلاح دی اور مَیں نے یہ یہ صلاح دی۔ 16 سو اب جلد داؤُد کے پاس کہلا بھیجو کہ آج رات کو دشت کے گھاٹوں پر نہ ٹھہر بلکہ جِس طرح ہو سکے پار اُتر جا تا اَیسا نہ ہو کہ بادشاہ اور سب لوگ جو اُس کے ساتھ ہیں نِگل لِئے جائیں۔
17 اور یُونتن اور اخِیمعض عَین راجِل کے پاس ٹھہرے تھے اور ایک لَونڈی جاتی اور اُن کو خبر دے آتی تھی اور وہ جا کر داؤُد کو بتا دیتے تھے کیونکہ مُناسِب نہ تھا کہ وہ شہر میں آتے دِکھائی دیتے۔ 18 لیکن ایک چھوکرے نے اُن کو دیکھ لِیا اور ابی سلوؔم کو خبر دی پر وہ دونوں جلدی کر کے نِکل گئے اور بحُورِؔیم میں ایک شخص کے گھر گئے جِس کے صحن میں ایک کنُواں تھا۔ سو وہ اُس میں اُتر گئے۔ 19 اور اُس کی عَورت نے پردہ لے کر کنُوئیں کے مُنہ پر بِچھایا اور اُس پر دلا ہُؤا اناج پَھیلا دِیا اور کُچھ معلُوم نہیں ہوتا تھا۔ 20 اور ابی سلوؔم کے خادِم اُس گھر پر اُس عَورت کے پاس آئے اور پُوچھا کہ اخِیمعض اور یُونتن کہاں ہیں؟
اُس عَورت نے اُن سے کہا وہ نالہ کے پار گئے
اور جب اُنہوں نے اُن کو ڈُھونڈا اور نہ پایا تو یروشلیِم کو لَوٹ گئے۔ 21 اور اَیسا ہُؤا کہ جب یہ چلے گئے تو وہ کنُوئیں سے نِکلے اور جا کر داؤُد بادشاہ کو خبر دی اور وہ داؤُد سے کہنے لگے کہ اُٹھو اور دریا پار ہو جاؤ کیونکہ اخِیُتفل نے تُمہارے خِلاف اَیسی اَیسی صلاح دی ہے۔ 22 تب داؤُد اور سب لوگ جو اُس کے ساتھ تھے اُٹھے اور یَردن کے پار گئے اور صُبح کی رَوشنی تک اُن میں سے ایک بھی اَیسا نہ تھا جو یَردن کے پار نہ ہو گیا ہو۔
23 جب اخِیُتفل نے دیکھا کہ اُس کی مشورَت پر عمل نہیں کِیا گیا تو اُس نے اپنے گدھے پر زِین کَسا اور اُٹھ کر اپنے شہر کو اپنے گھر گیا اور اپنے گھرانے کا بندوبست کر کے اپنے کو پھانسی دی اور مَر گیا اور اپنے باپ کی قبر میں دفن ہُؤا۔
24 تب داؤُد محنایم میں آیا اور ابی سلوؔم اور سب اِسرائیلی مَرد جو اُس کے ساتھ تھے یَردن کے پار ہُوئے۔ 25 اور ابی سلوؔم نے یُوآب کے بدلے عماسا کو لشکر کا سردار کِیا۔ یہ عماسا ایک اِسرائیلی آدمی کا بیٹا تھا جِس کا نام اِترا تھا۔ اُس نے ناحس کی بیٹی ابِیجیلؔ سے جو یُوآب کی ماں ضروؔیاہ کی بہن تھی صُحبت کی تھی۔ 26 اور اِسرائیلی اور ابی سلوؔم جِلعاد کے مُلک میں خَیمہ زن ہُوئے۔
27 اور جب داؤُد محنایم میں پُہنچا تو اَیسا ہُؤا کہ ناحس کا بیٹا سوبی بنی عمُّون کے ربّہ سے اور عمّی ایل کا بیٹا مکِیر لودباؔر سے اور برؔزلی جِلعادی راجلِیم سے۔ 28 پلنگ اور چارپائِیاں اور باسن اور مِٹّی کے برتن اور گیہُوں اور جَو اور آٹا اور بُھنا ہُؤا اناج اور لوبِئے کی پَھلِیاں اور مسُور اور بُھنا ہُؤا چبینا۔ 29 اور شہد اور مکھّن اور بھیڑ بکریاں اور گائے کے دُودھ کا پنِیر داؤُد کے اور اُس کے ساتھ کے لوگوں کے کھانے کے لِئے لائے کیونکہ اُنہوں نے کہا کہ وہ لوگ بیابان میں بُھوکے اور ماندے اور پِیاسے ہیں۔
ابی سلوؔم شِکست کھاتا اور مارا جاتا ہے
1 اور داؤُد نے اُن لوگوں کو جو اُس کے ساتھ تھے گِنا اور ہزاروں کے اور سینکڑوں کے سردار مُقرّر کِئے۔ 2 اور داؤُد نے لوگوں کی ایک تِہائی یُوآب کے ماتحت اور ایک تِہائی یُوآب کے بھائی ابِیشے بِن ضرویاہ کے ماتحت اور ایک تِہائی جاتی اِتی کے ماتحت کر کے اُن کو روانہ کِیا اور بادشاہ نے لوگوں سے کہا کہ مَیں خُود بھی ضرُور تُمہارے ساتھ چلُوں گا۔
3 پر لوگوں نے کہا کہ تُو نہیں جانے پائے گا کیونکہ ہم اگر بھاگیں تو اُن کو کُچھ ہماری پروا نہ ہو گی اور اگر ہم میں سے آدھے مارے جائیں تَو بھی اُن کو کُچھ پروا نہ ہو گی پر تُو ہم جَیسے دس ہزار کے برابر ہے۔ سو بِہتر یہ ہے کہ تُو شہر میں سے ہماری مدد کرنے کو تیّار رہے۔
4 بادشاہ نے اُن سے کہا جو تُم کو بِہتر معلُوم ہوتا ہے مَیں وُہی کرُوں گا۔ سو بادشاہ شہر کے پھاٹک کی ایک طرف کھڑا رہا اور سب لوگ سَو سَو اور ہزار ہزار کر کے نِکلنے لگے۔ 5 اور بادشاہ نے یُوآب اور ابِیشے اور اِتی کو فرمایا کہ میری خاطِر اُس جوان ابی سلوم کے ساتھ نرمی سے پیش آنا۔ جب بادشاہ نے سب سرداروں کو ابی سلوؔم کے حق میں تاکِید کی تو سب لوگوں نے سُنا۔
6 سو وہ لوگ نِکل کر مَیدان میں اِسرائیل کے مُقابلہ کو گئے اور لڑائی اِفرائِیم کے بَن میں ہُوئی۔ 7 اور وہاں اِسرائیل کے لوگوں نے داؤُد کے خادِموں سے شِکست کھائی اور اُس دِن اَیسی بڑی خُون ریزی ہُوئی کہ بِیس ہزار آدمی کھیت آئے۔ 8 اِس لِئے کہ اُس دِن ساری مُملِکت میں جنگ تھی اور لوگ اِتنے تلوار کا لُقمہ نہیں بنے جِتنے اُس بَن کا شِکار ہُوئے۔
9 اور اِتّفاقاً ابی سلوؔم داؤُد کے خادِموں کے سامنے آ گیا اور ابی سلوؔم اپنے خچّر پر سوار تھا اور وہ خچّر ایک بڑے بلُوط کے درخت کی گھنی ڈالِیوں کے نِیچے سے گیا۔ سو اُس کا سر بلُوط میں اٹک گیا اور وہ آسمان اور زمِین کے بِیچ میں لٹکا رہ گیا اور وہ خچّرجو اُس کے ران تلے تھا نِکل گیا۔ 10 کِسی شخص نے یہ دیکھا اور یُوآب کو خبر دی کہ مَیں نے ابی سلوؔم کو بلُوط کے درخت میں لٹکا ہُؤا دیکھا۔
11 اور یُوآب نے اُس شخص سے جِس نے اُسے خبر دی تھی کہا تُو نے یہ دیکھا پِھر کیوں نہیں تُو نے اُسے مار کر وہِیں زمِین پر گِرا دِیا؟ کیونکہ مَیں تُجھے چاندی کے دس ٹُکڑے اور ایک کمربند دیتا۔
12 اُس شخص نے یُوآب سے کہا کہ اگر مُجھے چاندی کے ہزار ٹُکڑے بھی میرے ہاتھ میں مِلتے تَو بھی مَیں بادشاہ کے بیٹے پر ہاتھ نہ اُٹھاتا کیونکہ بادشاہ نے ہمارے سُنتے تُجھے اور ابِیشے اور اِتی کو تاکِید کی تھی کہ خبردار کوئی اُس جوان ابی سلوؔم کو نہ چُھوئے۔ 13 ورنہ اگر مَیں اُس کی جان کے ساتھ دغا کھیلتا اور بادشاہ سے تو کوئی بات پوشِیدہ بھی نہیں تو تُو خُود بھی کنارہ کش ہو جاتا۔
14 تب یُوآب نے کہا مَیں تیرے ساتھ یُوں ہی ٹھہرا نہیں رہ سکتا۔ سو اُس نے تِین تِیر ہاتھ میں لِئے اور اُن سے ابی سلوؔم کے دِل کو جب وہ ہنُوز بلُوط کے درخت کے بِیچ زِندہ ہی تھا چھید ڈالا۔ 15 اور دس جوانوں نے جو یُوآب کے سلح بردار تھے ابی سلوؔم کو گھیر کر اُسے مارا اور قتل کر دِیا۔
16 تب یُوآب نے نرسِنگا پُھونکا اور لوگ اِسرائیلِیوں کا پِیچھا کرنے سے لَوٹے کیونکہ یُوآب نے لوگوں کو روک لِیا۔ 17 اور اُنہوں نے ابی سلوؔم کو لے کربَن کے اُس بڑے گڑھے میں ڈال دِیا اور اُس پر پتّھروں کا ایک بُہت بڑا ڈھیر لگا دِیا اور سب اِسرائیلی اپنے اپنے ڈیرے کو بھاگ گئے۔
18 اور ابی سلوؔم نے اپنے جِیتے جی ایک لاٹ لے کر کھڑی کرائی تھی جو شاہی وادی میں ہے کیونکہ اُس نے کہا میرے کوئی بیٹا نہیں جِس سے میرے نام کی یادگار رہے۔ سو اُس نے اُس لاٹ کو اپنا نام دِیا اور وہ آج تک ابی سلوؔم کی یادگار کہلاتی ہے۔
داؤُد کو ابی سلوؔم کی مَوت کی خبر مِلتی ہے
19 تب صدُوؔق کے بیٹے اخِیمعض نے کہا کہ مُجھے دَوڑ کر بادشاہ کو خبر پُہنچانے دے کہ خُداوند نے اُس کے دُشمنوں سے اُس کا اِنتِقام لِیا۔
20 لیکن یُوآب نے اُس سے کہا کہ آج کے دِن تُو کوئی خبر نہ پُہنچا بلکہ دُوسرے دِن خبر پُہنچا دینا پر آج تُجھے کوئی خبر نہیں لے جانا ہو گا اِس لِئے کہ بادشاہ کا بیٹا مَر گیا ہے۔ 21 تب یُوآب نے کُوشی سے کہا کہ جا کر جو کُچھ تُو نے دیکھا ہے سو بادشاہ کو بتا دے۔ سو وہ کُوشی یُوآب کو سِجدہ کر کے دَوڑ گیا۔
22 تب صدُوؔق کے بیٹے اخِیمعض نے پِھر یُوآب سے کہا خواہ کُچھ ہی ہو تُو مُجھے بھی اُس کُوشی کے پِیچھے دَوڑ جانے دے۔
یُوآب نے کہا اَے میرے بیٹے تُو کیوں دَوڑ جانا چاہتا ہے جِس حال کہ اِس خبر کے عِوض تُجھے کوئی اِنعام نہیں مِلے گا؟
23 اُس نے کہا خواہ کُچھ ہی ہو مَیں تو جاؤُں گا۔
اُس نے کہا دَوڑ جا۔ تب اخِیمعض مَیدان سے ہو کر دَوڑ گیا اور کُوشی سے آگے بڑھ گیا۔
24 اور داؤُد دونوں پھاٹکوں کے درمِیان بَیٹھا تھا اور پہرے والا پھاٹک کی چھت سے ہو کر فصِیل پر گیا اور کیا دیکھتا ہے کہ ایک شخص اکیلا دَوڑا آتا ہے۔ 25 اُس پہرے والے نے پُکار کر بادشاہ کو خبر دی۔ بادشاہ نے فرمایا اگر وہ اکیلا ہے تو مُنہ زُبانی خبر لاتا ہو گا اور وہ تیز آیا اور نزدِیک پُہنچا۔
26 اور پہرے والے نے ایک اَور آدمی کو دیکھا کہ دَوڑا آتا ہے۔ تب اُس پہرے والے نے دربان کو پُکار کر کہا کہ دیکھ ایک شخص اور اکیلا دَوڑا آتا ہے۔
بادشاہ نے کہا وہ بھی خبر لاتا ہو گا۔
27 اور پہرے والے نے کہا کہ مُجھے اگلے کا دَوڑنا صدُوؔق کے بیٹے اخِیمعض کے دَوڑنے کی طرح معلُوم دیتا ہے۔
تب بادشاہ نے کہا وہ بھلا آدمی ہے اور اچّھی خبر لاتا ہو گا۔
28 اور اخِیمعض نے پُکار کر بادشاہ سے کہا خَیر ہے اور بادشاہ کے آگے زمِین پر سرنگُون ہو کر سِجدہ کِیا اور کہا کہ خُداوند تیرا خُدا مُبارک ہو جِس نے اُن آدمِیوں کو جِنہوں نے میرے مالِک بادشاہ کے خِلاف ہاتھ اُٹھائے تھے قابُو میں کر دِیا ہے۔
29 بادشاہ نے پُوچھا کیا وہ جوان ابی سلوؔم سلامت ہے؟
اخِیمعض نے کہا کہ جب یُوآب نے بادشاہ کے خادِم کو یعنی مُجھ کو جو تیرا خادِم ہُوں روانہ کِیا تو مَیں نے ایک بڑی ہلچل تو دیکھی پر مَیں نہیں جانتا کہ وہ کیا تھی۔
30 تب بادشاہ نے کہا ایک طرف ہو جا اور یہِیں کھڑا رہ۔ سو وہ ایک طرف ہو کر چُپ چاپ کھڑا ہو گیا۔
31 پِھر وہ کُوشی آیا اور کُوشی نے کہا میرے مالِک بادشاہ کے لِئے خبر ہے کیونکہ خُداوند نے آج کے دِن اُن سب سے جو تیرے خِلاف اُٹھے تھے تیرا بدلہ لِیا۔
32 تب بادشاہ نے کُوشی سے پُوچھا کیا وہ جوان ابی سلوؔم سلامت ہے؟
کُوشی نے جواب دِیا کہ میرے مالِک بادشاہ کے دُشمن اور جِتنے تُجھے ضرر پُہنچانے کو تیرے خِلاف اُٹھیں وہ اُسی جوان کی طرح ہو جائیں۔
33 تب بادشاہ بُہت بے چَین ہو گیا اور اُس کوٹھری کی طرف جو پھاٹک کے اُوپر تھی روتا ہُؤا چلا اور چلتے چلتے یُوں کہتا جاتا تھا ہائے میرے بیٹے ابی سلوؔم! میرے بیٹے! میرے بیٹے ابی سلوؔم! کاش مَیں تیرے بدلے مَر جاتا! اَے ابی سلوؔم! میرے بیٹے! میرے بیٹے!
یُوآب داؤُد کو جِھڑکتا ہے
1 اور یُوآب کو بتایا گیا کہ دیکھ بادشاہ ابی سلوؔم کے لِئے نَوحہ اور ماتم کر رہا ہے۔ 2 سو تمام لوگوں کے لِئے اُس دِن کی فتح ماتم سے بدل گئی کیونکہ لوگوں نے اُس دِن یہ کہتے سُنا کہ بادشاہ اپنے بیٹے کے لِئے دِل گِیر ہے۔ 3 سو وہ لوگ اُس دِن چوری سے شہر میں گُھسے جَیسے وہ لوگ جو لڑائی سے بھاگتے ہیں شرم کے مارے چوری چوری چلتے ہیں۔ 4 اور بادشاہ نے اپنا مُنہ ڈھانک لِیا اور بادشاہ بُلند آواز سے چِلاّنے لگا کہ ہائے میرے بیٹے ابی سلوؔم! ہائے ابی سلوؔم میرے بیٹے! میرے بیٹے!
5 تب یُوآب گھر میں بادشاہ کے پاس جا کر کہنے لگا کہ تُو نے آج اپنے سب خادِموں کو شرمسار کِیا جِنہوں نے آج کے دِن تیری جان اور تیرے بیٹوں اور تیری بیٹِیوں کی جانیں اور تیری بِیوِیوں کی جانیں اور تیری حرموں کی جانیں بچائِیں۔ 6 کیونکہ تُو اپنے عداوت رکھنے والوں کو پِیار کرتا ہے اور اپنے دوستوں سے عداوت رکھتا ہے اِس لِئے کہ تُو نے آج کے دِن ظاہِر کر دِیا کہ سردار اور خادِم تیرے نزدِیک بے قدر ہیں کیونکہ آج کے دِن مَیں دیکھتا ہُوں کہ اگر ابی سلوؔم جِیتا رہتا اور ہم سب مَر جاتے تو تُو بُہت خُوش ہوتا۔ 7 سو اب اُٹھ باہر نِکل اور اپنے خادِموں سے تسلّی بخش باتیں کر کیونکہ مَیں خُداوند کی قَسم کھاتا ہُوں کہ اگر تُو باہر نہ جائے تو آج رات کو ایک آدمی بھی تیرے ساتھ نہیں رہے گا اور یہ تیرے لِئے اُن سب آفتوں سے بدتر ہو گا جو تیری نَوجوانی سے لے کر اب تک تُجھ پر آئی ہیں۔ 8 سو بادشاہ اُٹھ کر پھاٹک میں جا بَیٹھا اور سب لوگوں کو بتایا گیا کہ دیکھو بادشاہ پھاٹک میں بَیٹھا ہے۔
داؤُد یروشلیِم واپس جانے کے لِئے روانہ ہوتا ہے
تب سب لوگ بادشاہ کے سامنے آئے اور اِسرائیلی اپنے اپنے ڈیرے کو بھاگ گئے تھے۔ 9 اور اِسرائیل کے قبِیلوں کے سب لوگوں میں جھگڑا تھا اور وہ کہتے تھے کہ بادشاہ نے ہمارے دُشمنوں کے ہاتھ سے اور فِلستِیوں کے ہاتھ سے ہم کو بچایا اور اب وہ ابی سلوؔم کے سامنے سے مُلک چھوڑ کر بھاگ گیا ہے۔ 10 اور ابی سلوؔم جِسے ہم نے مَسح کر کے اپنا حاکِم بنایا تھا لڑائی میں مَر گیا ہے۔ سو تُم اب بادشاہ کو واپس لانے کی بات کیوں نہیں کرتے؟
11 تب داؤُد بادشاہ نے صدُوق اور ابیاتر کاہِنوں کو کہلا بھیجا کہ یہُوداؔہ کے بزُرگوں سے کہو کہ تُم بادشاہ کو اُس کے محلّ میں پُہنچانے کے لِئے سب سے پِیچھے کیوں ہوتے ہو جِس حال کہ سارے اِسرائیل کی بات اُسے اُس کے محلّ میں پُہنچانے کے بارہ میں بادشاہ تک پُہنچی ہے؟ 12 تُم تو میرے بھائی اور میری ہڈّی اور گوشت ہو پِھر تُم بادشاہ کو واپس لے جانے کے لِئے سب سے پِیچھے کیوں ہو؟ 13 اور عماسا سے کہنا کیا تُو میری ہڈّی اور گوشت نہیں؟ سو اگر تُو یُوآب کی جگہ میرے حضُور ہمیشہ کے لِئے لشکر کا سردار نہ ہو تو خُدا مُجھ سے اَیسا ہی بلکہ اِس سے بھی زِیادہ کرے۔ 14 اور اُس نے سب بنی یہُوداؔہ کا دِل ایک آدمی کے دِل کی طرح مائِل کر لِیا چُنانچہ اُنہوں نے بادشاہ کو پَیغام بھیجا کہ تُو اپنے سب خادِموں کو ساتھ لے کر لَوٹ آ۔
15 سو بادشاہ لَوٹ کر یَردن پر آیا اور سب بنی یہُوداؔہ جِلجاؔل کو گئے کہ بادشاہ کا اِستِقبال کریں اور اُسے یَردن کے پار لے آئیں۔ 16 اور جیرا کے بیٹے بِنیمِینی سِمعی نے جو بحُورِؔیم کا تھا جلدی کی اور بنی یہُوداؔہ کے ساتھ داؤُد بادشاہ کے اِستِقبال کو آیا۔ 17 اور اُس کے ساتھ ایک ہزار بِنیمِینی جوان تھے اور ساؤُل کے گھرانے کا خادِم ضِیبا اپنے پندرہ بیٹوں اور بِیس نَوکروں سمیت آیا اور وہ بادشاہ کے سامنے یَردن کے پار اُترے۔ 18 اور ایک کشتی پار گئی کہ بادشاہ کے گھرانے کو لے آئے اور جو کام اُسے مُناسِب معلُوم ہو اُسے کرے
داؤُد سِمعی پر مہربانی کرتا ہے
اور جیرا کا بیٹا سِمعی بادشاہ کے سامنے جَیسے ہی وہ یَردن پار ہُؤا اَوندھا ہو کر گِرا۔ 19 اور بادشاہ سے کہنے لگا کہ میرا مالِک میری طرف گُناہ منسُوب نہ کرے اور جِس دِن میرا مالِک بادشاہ یروشلیِم سے نِکلا اُس دِن جو کُچھ تیرے خادِم نے بدمِزاجی سے کِیا اُسے اَیسا یاد نہ رکھ کہ بادشاہ اُس کو اپنے دِل میں رکھّے۔ 20 کیونکہ تیرا بندہ یہ جانتا ہے کہ مَیں نے گُناہ کِیا ہے اور دیکھ آج کے دِن مَیں ہی یُوسفؔ کے گھرانے میں سے پہلے آیا ہُوں کہ اپنے مالِک بادشاہ کا اِستِقبال کرُوں۔
21 اور ضرویاہ کے بیٹے ابِیشے نے جواب دِیا کیا سِمعی اِس سبب سے مارا نہ جائے کہ اُس نے خُداوند کے ممسُوح پر لَعنت کی؟
22 داؤُد نے کہا اَے ضرویاہ کے بیٹو! مُجھے تُم سے کیا کام کہ تُم آج کے دِن میرے مُخالِف ہُوئے ہو؟ کیا اِسرائیل میں سے کوئی آدمی آج کے دِن قتل کِیا جائے؟ کیا مَیں یہ نہیں جانتا کہ مَیں آج کے دِن اِسرائیل کا بادشاہ ہُوں؟ 23 اور بادشاہ نے سِمعی سے کہا تُو مارا نہیں جائے گا اور بادشاہ نے اُس سے قَسم کھائی۔
داؤُد مفِیبوست پر مہربانی کرتا ہے
24 پِھر ساؤُل کا بیٹا مفِیبوؔست بادشاہ کے اِستِقبال کو آیا۔ اُس نے بادشاہ کے چلے جانے کے دِن سے لے کر اُس کے سلامت گھر آ جانے کے دِن تک نہ تو اپنے پاؤں پر پٹّیاں باندِھیں اور نہ اپنی داڑھی کتروائی اور نہ اپنے کپڑے دُھلوائے تھے۔ 25 اور اَیسا ہُؤا کہ جب وہ یروشلیِم میں بادشاہ سے مِلنے آیا تو بادشاہ نے اُس سے کہا اَے مفِیبوؔست تُو میرے ساتھ کیوں نہیں گیا تھا؟
26 اُس نے جواب دِیا اَے میرے مالِک بادشاہ میرے نَوکر نے مُجھ سے دغا کی کیونکہ تیرے خادِم نے کہا تھا کہ مَیں اپنے لِئے گدھے پر زِین کسُوں گا تاکہ مَیں سوار ہو کر بادشاہ کے ساتھ جاؤُں اِس لِئے کہ تیرا خادِم لنگڑا ہے۔ 27 سو اُس نے میرے مالِک بادشاہ کے حضُور تیرے خادِم پر بُہتان لگایا پر میرا مالِک بادشاہ تو خُدا کے فرِشتہ کی مانِند ہے۔ سو جو کُچھ تُجھے اچّھا معلُوم ہو سو کر۔ 28 کیونکہ میرے باپ کا سارا گھرانا میرے مالِک بادشاہ کے آگے مُردوں کی مانِند تھا تَو بھی تُو نے اپنے خادِم کو اُن لوگوں کے بِیچ بِٹھایا جو تیرے دسترخوان پر کھاتے تھے۔ پس کیا اب بھی میرا کوئی حق ہے کہ مَیں بادشاہ کے آگے پِھر فریاد کرُوں؟
29 بادشاہ نے اُس سے کہا تُو اپنی باتیں کیوں بیان کرتا جاتا ہے؟ مَیں کہتا ہُوں کہ تُو اور ضِیبا دونوں آپس میں اُس زمِین کو بانٹ لو۔
30 اور مفِیبوؔست نے بادشاہ سے کہا وُہی سب لے لے اِس لِئے کہ میرا مالِک بادشاہ اپنے گھر میں پِھر سلامت آ گیا ہے۔
داؤُد برزِلّی پر مہربانی کرتا ہے
31 اور برزِؔلّی جِلعادی راجلِیم سے آیا اور بادشاہ کے ساتھ یَردن پار گیا تاکہ اُسے یَردن کے پار پُہنچائے۔ 32 اور یہ برزِلّی نِہایت عُمر رسِیدہ آدمی یعنی اسّی برس کا تھا۔ اُس نے بادشاہ کو جب تک وہ محنایم میں رہا رسد پُہنچائی تھی اِس لِئے کہ وہ بُہت بڑا آدمی تھا۔ 33 سو بادشاہ نے برزِؔلّی سے کہا کہ تُو میرے ساتھ پار چل اور مَیں یروشلیِم میں اپنے ساتھ تیری پرورِش کرُوں گا۔
34 اور برزِؔلّی نے بادشاہ کو جواب دِیا کہ میری زِندگی کے دِن ہی کِتنے ہیں جو مَیں بادشاہ کے ساتھ یروشلیِم کو جاؤُں؟ 35 آج مَیں اسّی برس کا ہُوں۔ کیا مَیں بھلے اور بُرے میں اِمتِیاز کر سکتا ہُوں؟ کیا تیرا بندہ جو کُچھ کھاتا پِیتا ہے اُس کا مزہ جان سکتا ہے؟ کیا مَیں گانے والوں اور گانے والِیوں کی آواز پِھر سُن سکتا ہُوں؟ پس تیرا بندہ اپنے مالِک بادشاہ پر کیوں بار ہو؟ 36 تیرا بندہ فقط یَردن کے پار تک بادشاہ کے ساتھ جانا چاہتا ہے۔ سو بادشاہ مُجھے اَیسا بڑا اجر کیوں دے؟ 37 اپنے بندہ کو لَوٹ جانے دے تاکہ مَیں اپنے شہر میں اپنے باپ اور ماں کی قبر کے پاس مرُوں پر دیکھ تیرا بندہ کِمہاؔم حاضِر ہے۔ وہ میرے مالِک بادشاہ کے ساتھ پار جائے اور جو کُچھ تُجھے بھلا معلُوم دے اُس سے کر۔
38 تب بادشاہ نے کہا کِمہاؔم میرے ساتھ پار چلے گا اور جو کُچھ تُجھے بھلا معلُوم ہو وُہی مَیں اُس کے ساتھ کرُوں گا اور جو کُچھ تُو چاہے گا مَیں تیرے لِئے وُہی کرُوں گا۔ 39 اور سب لوگ یَردن کے پار ہو گئے اور بادشاہ بھی پار ہُؤا۔ پِھر بادشاہ نے برزِؔلّی کو چُوما اور اُسے دُعا دی اور وہ اپنی جگہ کو لَوٹ گیا۔
یہُوداؔہ اور اسراؔئیل میں بادشاہ کی بابت جھگڑا
40 سو بادشاہ جِلجاؔل کو روانہ ہُؤا اور کِمہاؔم اُس کے ساتھ چلا اور یہُوداؔہ کے سب لوگ اور اِسرائیل کے لوگوں میں سے بھی آدھے بادشاہ کو پار لائے۔ 41 تب اِسرائیل کے سب لوگ بادشاہ کے پاس آ کر اُس سے کہنے لگے کہ ہمارے بھائی بنی یہُوداؔہ تُجھے کیوں چوری سے لے آئے اور بادشاہ کو اور اُس کے گھرانے کو اور داؤُد کے ساتھ جِتنے تھے اُن کو یَردن کے پار سے لائے؟
42 تب سب بنی یہُوداؔہ نے بنی اِسرائیل کو جواب دِیا اِس لِئے کہ بادشاہ کا ہمارے ساتھ نزدِیک کا رِشتہ ہے۔ سو تُم اِس بات کے سبب سے ناراض کیوں ہُوئے؟ کیا ہم نے بادشاہ کے دام کا کُچھ کھا لِیا ہے یا اُس نے ہم کو کُچھ اِنعام دِیا ہے؟
43 پِھر بنی اِسرائیل نے بنی یہُوداؔہ کو جواب دِیا کہ بادشاہ میں ہمارے دس حِصّے ہیں اور ہمارا حق بھی داؤُد پر تُم سے زِیادہ ہے پس تُم نے کیوں ہماری حقارت کی کہ بادشاہ کو لَوٹا لانے میں پہلے ہم سے صلاح نہیں لی؟
اور بنی یہُوداؔہ کی باتیں بنی اِسرائیل کی باتوں سے زِیادہ سخت تِھیں۔
سبع کی بغاوت
1 اور وہاں ایک شرِیر بِنیمِینی تھا اور اُس کا نام سبع بِن بِکری تھا۔ اُس نے نرسِنگا پُھونکا اور کہا کہ داؤُد میں ہمارا کوئی حِصّہ نہیں اور نہ ہماری مِیراث یسّی کے بیٹے کے ساتھ ہے۔ اَے اِسرائیلیو اپنے اپنے ڈیرے کو چلے جاؤ۔ 2 سو سب اِسرائیلی داؤُد کی پَیروی چھوڑ کر سبع بِن بِکری کے پِیچھے ہو لِئے لیکن یہُوداؔہ کے لوگ یَردؔن سے یروشلیِم تک اپنے بادشاہ کے ساتھ ہی ساتھ رہے۔
3 اور داؤُد یروشلیِم میں اپنے محلّ میں آیا اور بادشاہ نے اپنی اُن دسوں حرموں کو جِن کو وہ اپنے گھر کی نِگہبانی کے لِئے چھوڑ گیا تھا لے کر اُن کو نظربند کر دِیا اور اُن کی پرورِش کرتا رہا پر اُن کے پاس نہ گیا۔ سو اُنہوں نے اپنے مَرنے کے دِن تک نظربند رہ کر رنڈاپے کی حالت میں زِندگی کاٹی۔
4 اور بادشاہ نے عماسا کو حُکم کِیا کہ تِین دِن کے اندر بنی یہُوداؔہ کو میرے پاس جمع کر اور تُو بھی یہاں حاضِر ہو۔ 5 سو عماسا بنی یہُوداؔہ کو فراہم کرنے گیا پر وہ مُعیّنہ وقت سے جو اُس نے اُس کے لِئے مُقرّر کِیا تھا زِیادہ ٹھہرا۔ 6 تب داؤُد نے ابِیشے سے کہا کہ سبع بِن بِکرؔی تو ہم کو ابی سلوؔم سے زِیادہ نُقصان پُہنچائے گا سو تُو اپنے مالِک کے خادِموں کو لے کر اُس کا پِیچھا کر تا نہ ہو کہ وہ فصِیل دار شہروں کو لے کر ہماری نظر سے بچ نِکلے۔ 7 سو یُوآب کے آدمی اور کریتی اور فِلیتی اور سب بہادُر اُس کے پِیچھے ہو لِئے اور یروشلیِم سے نِکلے تاکہ سبع بِن بِکرؔی کا پِیچھا کریں۔ 8 اور جب وہ اُس بڑے پتّھر کے نزدِیک پُہنچے جو جِبعُوؔن میں ہے تو عماسا اُن سے مِلنے کو آیا اور یُوآب اپنا جنگی لِباس پہنے تھا اور اُس کے اُوپر ایک پٹکا تھا جِس سے ایک تلوار مِیان میں پڑی ہُوئی اُس کی کمر میں بندھی تھی اور اُس کے چلتے چلتے وہ نِکل پڑی۔ 9 سو یُوآب نے عماسا سے کہا اَے میرے بھائی تُو خَیریت سے ہے؟ اور یُوآب نے عماسا کی داڑھی اپنے دہنے ہاتھ سے پکڑی کہ اُس کو بوسہ دے۔ 10 اور عماسا نے اُس تلوار کا جو یُوآب کے ہاتھ میں تھی خیال نہ کِیا۔ سو اُس نے اُس سے اُس کے پیٹ میں اَیسا مارا کہ اُس کی انتڑِیاں زمِین پر نِکل پڑیں اور اُس نے دُوسرا وار نہ کِیا۔ سو وہ مَر گیا۔
پِھر یُوآب اور اُس کا بھائی ابِیشے سبع بِن بِکرؔی کا پِیچھا کرنے چلے۔ 11 اور یُوآب کے جوانوں میں سے ایک شخص اُس کے پاس کھڑا ہو گیا اور کہنے لگا کہ جو کوئی یُوآب سے راضی ہے اور جو کوئی داؤُد کی طرف ہے سو یُوآب کے پِیچھے ہو لے۔ 12 اور عماسا سڑک کے بِیچ اپنے خُون میں لَوٹ رہا تھا اور جب اُس شخص نے دیکھا کہ سب لوگ کھڑے ہو گئے ہیں تو وہ عماسا کو سڑک پر سے مَیدان میں اُٹھا لے گیا اور جب یہ دیکھا کہ جو کوئی اُس کے پاس آتا ہے کھڑا ہو جاتا ہے تو اُس پر ایک کپڑا ڈال دِیا۔ 13 اور جب وہ سڑک پر سے ہٹا لِیا گیا تو سب لوگ یُوآب کے پِیچھے سبع بِن بِکرؔی کا پِیچھا کرنے چلے۔
14 اور وہ اِسرائیل کے سب قبِیلوں میں سے ہوتا ہُؤا اِبیل اور بَیت معکہ اور سب بیریوں تک پُہنچا اور وہ بھی جمع ہو کر اُس کے پِیچھے چلے۔ 15 اور اُنہوں نے آ کر اُسے بَیت معکہ کے اِبیل میں گھیر لِیا اور شہر کے سامنے اَیسا دمدمہ باندھا کہ وہ فصِیل کے برابر رہا اور سب لوگوں نے جو یُوآب کے ساتھ تھے دِیوار کو توڑنا شرُوع کِیا تاکہ اُسے گِرا دیں۔ 16 تب ایک دانِش مند عَورت شہر میں سے پُکار کر کہنے لگی کہ ذرا یُوآب سے کہہ دو کہ یہاں آئے تاکہ مَیں اُس سے کُچھ کہُوں۔ 17 سو وہ اُس کے نزدِیک آیا۔ اُس عَورت نے اُس سے کہا کیا تُو یُوآب ہے؟
اُس نے کہا ہاں۔
تب وہ اُس سے کہنے لگی اپنی لَونڈی کی باتیں سُن۔
اُس نے کہا مَیں سُنتا ہُوں۔
18 تب وہ کہنے لگی کہ قدِیم زمانہ میں یُوں کہا کرتے تھے کہ وہ ضرُور اِبیل میں صلاح پُوچھیں گے اور اِس طرح وہ بات کو ختم کرتے تھے۔ 19 اور مَیں اِسرائیل میں اُن لوگوں میں سے ہُوں جو صُلح پسند اور دِیانت دار ہیں۔ تُو چاہتا ہے کہ ایک شہر اور ماں کو اِسرائیلِیوں کے درمِیان ہلاک کرے۔ سو تُو کیوں خُداوند کی مِیراث کو نِگلنا چاہتا ہے؟
20 یُوآب نے جواب دِیا مُجھ سے ہرگِز ہرگِز اَیسا نہ ہو کہ مَیں نِگل جاؤں یا ہلاک کرُوں۔ 21 بات یہ نہیں ہے بلکہ اِفرائِیم کے کوہِستانی مُلک کے ایک شخص نے جِس کا نام سبع بِن بِکرؔی ہے بادشاہ یعنی داؤُد کے خِلاف ہاتھ اُٹھایا ہے سو فقط اُسی کو میرے حوالہ کر دے تو مَیں شہر سے چلا جاؤں گا۔
اُس عَورت نے یُوآب سے کہا دیکھ اُس کا سر دِیوار پر سے تیرے پاس پھینک دِیا جائے گا۔ 22 تب وہ عَورت اپنی دانائی سے سب لوگوں کے پاس گئی۔ سو اُنہوں نے سبع بِن بِکرؔی کا سر کاٹ کر اُسے باہر یُوآب کی طرف پھینک دِیا۔ تب اُس نے نرسِنگا پُھونکا اور لوگ شہر سے الگ ہو کر اپنے اپنے ڈیرے کو چلے گئے اور یُوآب یروشلیِم کو بادشاہ کے پاس لَوٹ آیا۔
داؤُدؔ کے اعلیٰ عُہدہ دار
23 اور یُوآب اِسرائیل کے سارے لشکر کا سردار تھا اور بِنایاؔہ بِن یہویدؔع کریتِیوں اور فلِیتِیوں کا سردار تھا۔ 24 اور ادوراؔم خِراج کا داروغہ تھا اور اخِیلُود کا بیٹا یہوسفط مُورِّخ تھا۔ 25 اور سِوا مُنشی تھا اور صدُوق اور ابیاتر کاہِن تھے۔ 26 اور عِیرا یائِری بھی داؤُد کا ایک کاہِن تھا۔
ساؤُل کی اَولاد کا قتل
1 اور داؤُد کے ایّام میں پَے در پَے تِین سال کال پڑا اور داؤُد نے خُداوند سے دریافت کِیا۔ خُداوند نے فرمایا کہ یہ ساؤُل اور اُس کے خُون ریز گھرانے کے سبب سے ہے کیونکہ اُس نے جِبعُونیوں کو قتل کِیا۔ 2 تب بادشاہ نے جِبعُونیوں کو بُلا کر اُن سے بات کی۔ یہ جِبعُونی بنی اِسرائیل میں سے نہیں بلکہ بچے ہُوئے امورِیوں میں سے تھے اور بنی اِسرائیل نے اُن سے قَسم کھائی تھی اور ساؤُل نے بنی اِسرائیل اور بنی یہُوداؔہ کی خاطِر اپنی گرمجوشی میں اُن کو قتل کر ڈالنا چاہا تھا۔ 3 سو داؤُد نے جِبعُونِیوں سے کہا مَیں تُمہارے لِئے کیا کرُوں اور مَیں کِس چِیز سے کفّارہ دُوں تاکہ تُم خُداوند کی مِیراث کو دُعا دو؟
4 جِبعُونیوں نے اُس سے کہا کہ ہمارے اور ساؤُل یا اُس کے گھرانے کے درمِیان چاندی یا سونے کا کوئی مُعاملہ نہیں اور نہ ہم کو یہ اِختیار ہے کہ ہم اِسرائیلؔ کے کِسی مَرد کو جان سے ماریں۔
اُس نے کہا جو کُچھ تُم کہو مَیں وُہی تُمہارے لِئے کرُوں گا۔
5 اُنہوں نے بادشاہ کو جواب دِیا کہ جِس شخص نے ہمارا ناس کِیا اور ہمارے خِلاف اَیسی تدبِیر نِکالی کہ ہم نابُود کِئے جائیں اور اِسرائیلؔ کی کِسی مُملکت میں باقی نہ رہیں۔ 6 اُسی کے بیٹوں میں سے سات آدمی ہمارے حوالہ کر دِئے جائیں اور ہم اُن کو خُداوند کے لِئے خُداوند کے چُنے ہُوئے ساؤُل کے جِبعہ میں لٹکا دیں گے۔
بادشاہ نے کہا مَیں دے دُوں گا۔
7 لیکن بادشاہ نے مفِیبوؔست بِن یُونتن بِن ساؤُل کو خُداوند کی قَسم کے سبب سے جو اُن کے یعنی داؤُد اور ساؤُل کے بیٹے یُونتن کے درمِیان ہُوئی تھی بچا رکھّا۔ 8 پر بادشاہ نے ایاّہ کی بیٹی رِصفہ کے دونوں بیٹوں ارموؔنی اور مفِیبوؔست کو جو ساؤُل سے ہُوئے تھے اور ساؤُل کی بیٹی مِیکل کے پانچوں بیٹوں کو جو برزِؔلّی محُولاتی کے بیٹے عدرؔی ایل سے ہُوئے تھے لے کر۔ 9 اُن کو جِبعُونیوں کے حوالہ کِیا اور اُنہوں نے اُن کو پہاڑ پر خُداوند کے حضُور لٹکا دِیا۔ سو وہ ساتوں ایک ساتھ مَرے۔ یہ سب فصل کاٹنے کے ایّام میں یعنی جَو کی فصل کے شرُوع کے دِنوں میں مارے گئے۔
10 تب ایّاہ کی بیٹی رِصفہ نے ٹاٹ لِیا اور فصل کے شرُوع سے اُس کو اپنے لِئے چٹان پر بِچھائے رہی جب تک کہ آسمان سے اُن پر بارِش نہ ہُوئی اور اُس نے نہ تو دِن کے وقت ہوا کے پرِندوں کو اور نہ رات کے وقت جنگلی درِندوں کو اُن پر آنے دِیا۔
11 اور داؤُد کو بتایا گیا کہ ساؤُل کی حرم ایّاہ کی بیٹی رِصفہ نے اَیسا اَیسا کِیا۔ 12 تب داؤُد نے جا کر ساؤُل کی ہڈِّیوں اور اُس کے بیٹے یُونتن کی ہڈِّیوں کو یبِیس جِلعاد کے لوگوں سے لِیا جو اُن کو بَیت شان کے چَوک میں سے چُرا لائے تھے جہاں فِلستِیوں نے اُن کو جِس دِن کہ اُنہوں نے ساؤُل کو جِلبوؔعہ میں قتل کِیا ٹانگ دِیا تھا۔ 13 سو وہ ساؤُل کی ہڈِّیوں اور اُس کے بیٹے یُونتن کی ہڈِّیوں کو وہاں سے لے آیا اور اُنہوں نے اُن کی بھی ہڈِّیاں جمع کِیں جو لٹکائے گئے تھے۔ 14 اور اُنہوں نے ساؤُل اور اُس کے بیٹے یُونتن کی ہڈِّیوں کو ضِلع میں جو بِنیمِین کی سرزمِین میں ہے اُسی کے باپ قِیس کی قبر میں دفن کِیا اور اُنہوں نے جو کُچھ بادشاہ نے فرمایا سب پُورا کِیا۔ اِس کے بعد خُدا نے اُس مُلک کے بارہ میں دُعا سُنی۔
فِلستی دیوزادوں کے خِلاف جنگ
15 اور فِلستی پِھر اِسرائیلِیوں سے لڑے اور داؤُد اپنے خادِموں کے ساتھ نِکلا اور فِلستِیوں سے لڑا اور داؤُد بُہت تھک گیا۔ 16 اور اِشبی بنوؔب نے جو دیوزادوں میں سے تھا اور جِس کا نیزہ وزن میں پِیتل کی تِین سو مِثقال تھا اور وہ ایک نئی تلوار باندھے تھا چاہا کہ داؤُد کو قتل کرے۔ 17 پر ضرویاہ کے بیٹے ابِیشے نے اُس کی کُمک کی اور اُس فِلستی کو اَیسی ضرب لگائی کہ اُسے مار دِیا۔ تب داؤُد کے لوگوں نے قَسم کھا کر اُس سے کہا کہ تُو پِھر کبھی ہمارے ساتھ جنگ پر نہیں جائے گا تا نہ ہو کہ تُو اِسرائیلؔ کا چراغ بُجھا دے۔
18 اِس کے بعد فِلستِیوں کے ساتھ پِھر جُوب میں لڑائی ہُوئی تب حُوشاتی سبّکی نے سف کو جو دیوزادوں میں سے تھا قتل کِیا۔
19 اور پِھر فِلستِیوں سے جُوب میں ایک اَور لڑائی ہُوئی۔ تب اِلحنان بِن یعری ارجیم نے جو بَیت لحم کا تھا جاتی جولیت کو قتل کِیا جِس کے نیزہ کی چھڑ جُلاہے کے شہتِیر کی طرح تھی۔
20 پِھر جات میں لڑائی ہُوئی اور وہاں ایک بڑا قدآور شخص تھا۔ اُس کے دونوں ہاتھوں اور دونوں پاؤں میں چھ چھ اُنگلِیاں تِھیں جو سب کی سب گِنتی میں چَوبِیس تِھیں اور یہ بھی اُس دیو سے پَیدا ہُؤا تھا۔ 21 جب اِس نے اِسرائیلِیوں کی فضِیحت کی تو داؤُد کے بھائی سِمعی کے بیٹے یُونتن نے اُسے قتل کِیا۔
22 یہ چاروں اُس دیو سے جات میں پَیدا ہُوئے تھے اور وہ داؤُد کے ہاتھ سے اور اُس کے خادِموں کے ہاتھ سے مارے گئے۔
داؤُد کا فتح کا گیت
1 جب خُداوند نے داؤُد کو اُس کے سب دُشمنوں اور ساؤُل کے ہاتھ سے رہائی دی تو اُس نے خُداوند کے حضُور اِس مضمُون کا گِیت سُنایا۔ 2 وہ کہنے لگا:-
خُداوند میری چٹان اور میرا قلعہ اور میرا چُھڑانے والا
ہے۔
3 خُدا میری چٹان ہے۔ مَیں اُسی پر بھروسا
رکُھّوں گا۔
وُہی میری سِپر اور میری نجات کا سِینگ ہے۔ میرا اُونچا
بُرج اور میری پناہ ہے۔
میرے نجات دینے والے! تُو ہی مُجھے ظُلم سے بچاتا
ہے۔
4 مَیں خُداوند کو جو سِتایش کے لائِق ہے پُکارُوں
گا۔
یُوں مَیں اپنے دُشمنوں سے بچایا جاؤُں گا۔
5 کیونکہ مَوت کی مَوجوں نے مُجھے گھیرا۔
بیدِینی کے سَیلابوں نے مُجھے ڈرایا۔
6 پاتال کی رسِّیاں میرے چَوگِرد تِھیں۔
مَوت کے پھندے مُجھ پر آ پڑے تھے۔
7 اپنی مُصِیبت میں مَیں نے خُداوند کو پُکارا۔
مَیں اپنے خُدا کے حضُور چِلاّیا۔
اُس نے اپنی ہَیکل میں سے میری آواز سُنی
اور میری فریاد اُس کے کان میں پُہنچی۔
8 تب زمِین ہِل گئی اور کانپ اُٹھی
اور آسمان کی بُنیادوں نے جُنبِش کھائی
اور ہِل گئِیں۔ اِس لِئے کہ وہ غضب ناک ہُؤا۔
9 اُس کے نتھنوں سے دُھواں اُٹھا
اور اُس کے مُنہ سے آگ نِکل کر بھسم کرنے لگی۔
کوئلے اُس سے دہک اُٹھے۔
10 اُس نے آسمانوں کو بھی جُھکا دِیا اور نِیچے اُتر آیا
اور اُس کے پاؤں تلے گہری تارِیکی تھی۔
11 وہ کرُّوبی پر سوار ہو کر اُڑا
اور ہوا کے بازُوؤں پر دِکھائی دیا
12 اور اُس نے اپنے چَوگِرد تارِیکی کو اور پانی کے
اِجتماع
اور آسمان کے دَلدار بادلوں کو شامِیانے بنایا۔
13 اُس جھلک سے جو اُس کے آگے آگے تھی
آگ کے کوئلے سُلگ گئے۔
14 خُداوند آسمان سے گرجا
اور حق تعالیٰ نے اپنی آواز سُنائی۔
15 اُس نے تِیر چلا کر اُن کو پراگندہ کِیا۔
اور بِجلی سے اُن کو شِکست دی۔
16 تب خُداوند کی ڈانٹ سے۔
اُس کے نتھنوں کے دَم کے جھونکے سے۔
سمُندر کی تھاہ دِکھائی دینے لگی
اور جہان کی بُنیادیں نمُودار ہُوئِیں۔
17 اُس نے اُوپر سے ہاتھ بڑھا کر مُجھے تھام لِیا
اور مُجھے بُہت پانی میں سے کھینچ کر باہر نِکالا۔
18 اُس نے میرے زورآور دُشمن اور میرے عداوت
رکھنے والوں سے
مُجھے چُھڑا لِیا کیونکہ وہ میرے لِئے نِہایت زبردست
تھے۔
19 وہ میری مُصِیبت کے دِن مُجھ پر آ پڑے
پر خُداوند میرا سہارا تھا۔
20 وہ مُجھے کُشادہ جگہ میں نِکال بھی لایا۔
اُس نے مُجھے چُھڑایا۔ اِس لِئے کہ وہ مُجھ سے خُوش تھا۔
21 خُداوند نے میری راستی کے مُوافِق مُجھے جزا دی
اور میرے ہاتھوں کی پاکِیزگی کے مُطابِق مُجھے بدلہ دِیا۔
22 کیونکہ مَیں خُداوند کی راہوں پر چلتا رہا
اور شرارت سے اپنے خُدا سے الگ نہ ہُؤا
23 کیونکہ اُس کے سارے فَیصلے میرے سامنے تھے
اور مَیں اُس کے آئِین سے برگشتہ نہ ہُؤا۔
24 مَیں اُس کے حضُور کامِل بھی رہا
اور اپنی بدکاری سے باز رہا۔
25 اِسی لِئے خُداوند نے مُجھے میری راستی کے مُوافِق
بلکہ میری اُس پاکِیزگی کے مُطابِق جو اُس کی نظر کے
سامنے تھی بدلہ دِیا۔
26 رحم دِل کے ساتھ تُو رحِیم ہو گا
اور کامِل آدمی کے ساتھ کامِل۔
27 نیکوکار کے ساتھ نیک ہو گا
اور کَج رَو کے ساتھ ٹیڑھا۔
28 مُصِیبت زدہ لوگوں کو تُو بچائے گا۔
پر تیری آنکھیں مغرُوروں پر لگی ہیں تاکہ تُو اُنہیں نِیچا
کرے۔
29 کیونکہ اَے خُداوند! تُو میرا چراغ ہے
اور خُداوند میرے اندھیرے کو اُجالا کر دے گا۔
30 کیونکہ تیری بدَولت مَیں فَوج پر دھاوا کرتا ہُوں
اور اپنے خُدا کی بدَولت دِیوار پھاند جاتا ہُوں۔
31 لیکن خُدا کی راہ کامِل ہے۔
خُداوند کا کلام تایا ہُؤا ہے۔
وہ اُن سب کی سِپر ہے جو اُس پر بھروسا رکھتے ہیں۔
32 کیونکہ خُداوند کے سِوا اَور کَون خُدا ہے؟
اور ہمارے خُدا کو چھوڑ کر اَور کَون چٹان ہے؟
33 خُدا میرا مضبُوط قلعہ ہے۔
وہ اپنی راہ میں کامِل شخص کی راہنُمائی کرتا ہے۔
34 وہ اُس کے پاؤں ہرنِیوں کے سے بنا دیتا ہے
اور مُجھے میری اُونچی جگہوں میں قائِم کرتا ہے۔
35 وہ میرے ہاتھوں کو جنگ کرنا سِکھاتا ہے
یہاں تک کہ میرے بازُو پِیتل کی کمان کو جُھکا دیتے
ہیں۔
36 تُو نے مُجھ کو اپنی نجات کی سِپر بھی بخشی
اور تیری نرمی نے مُجھے بزُرگ بنایا ہے۔
37 تُو نے میرے نِیچے میرے قدم کُشادہ کر دِئے
اور میرے پاؤں نہیں پِھسلے۔
38 مَیں نے اپنے دُشمنوں کا پِیچھا کر کے اُن کو
ہلاک کِیا
اور جب تک وہ فنا نہ ہو گئے مَیں واپس نہیں آیا۔
39 مَیں نے اُن کو فنا کر دِیا اور اَیسا چھید ڈالا ہے
کہ وہ اُٹھ نہیں سکتے
بلکہ وہ تو میرے پاؤں کے نِیچے گِرے پڑے ہیں۔
40 کیونکہ تُو نے لڑائی کے لِئے مُجھے قُوّت سے
کمربستہ کِیا
اور میرے مُخالِفوں کو میرے سامنے زیر کِیا۔
41 تُو نے میرے دُشمنوں کی پُشت میری طرف
پھیر دی
تاکہ مَیں اپنے عداوت رکھنے والوں کو کاٹ ڈالُوں۔
42 اُنہوں نے اِنتظار کِیا پر کوئی نہ تھا جو بچائے
بلکہ خُداوند کا بھی اِنتِظار کِیا پر اُس نے اُن کو جواب نہ دِیا
43 تب مَیں نے اُن کو کُوٹ کُوٹ کر زمِین کی
گرد کی مانِند کر دِیا۔
مَیں نے اُن کو گلی کُوچوں کی کِیچڑ کی طرح رَوند رَوند کر
چاروں طرف پَھیلا دِیا۔
44 تُو نے مُجھے میری قَوم کے جھگڑوں سے بھی
چُھڑایا۔
تُو نے مُجھے قَوموں کا سردار ہونے کے لِئے رکھ چھوڑا
ہے۔
جِس قَوم سے مَیں واقِف بھی نہیں وہ میری مُطِیع ہو
گی۔
45 پردیسی میرے تابِع ہو جائیں گے۔
وہ میرا نام سُنتے ہی میری فرمانبرداری کریں گے۔
46 پردیسی مُرجھا جائیں گے
اور اپنے قلعوں سے تھرتھراتے ہُوئے نِکلیں گے۔
47 خُداوند زِندہ ہے۔ میری چٹان مُبارک ہو!
اور خُدا میری نجات کی چٹان مُمتاز ہو!
48 وُہی خُدا جو میرا اِنتِقام لیتا ہے
اور اُمّتوں کو میرے تابِع کر دیتا ہے
49 اور مُجھے میرے دُشمنوں کے بِیچ سے نِکالتا ہے۔
ہاں تُو مُجھے میرے مُخالِفوں پر سرفراز کرتا ہے۔
تُو مُجھے تُند خُو آدمی سے رہائی دیتا ہے۔
50 اِس لِئے اَے خُداوند! مَیں قَوموں کے درمِیان
تیری شُکرگُذاری
اور تیرے نام کی مدح سرائی کرُوں گا۔
51 وہ اپنے بادشاہ کو بڑی نجات عِنایت کرتا ہے
اور اپنے ممسُوح داؤُد اور اُس کی نسل پر
ہمیشہ شفقت کرتا ہے۔
داؤُد کی آخِری باتیں
1 داؤُد کی آخِری باتیں یہ ہیں:-
داؤُد بِن یسّی کہتا ہے۔
یعنی یہ اُس شخص کا کلام ہے جو سرفراز کِیا گیا
اور یعقُوب کے خُدا کا ممُسوح
اور اِسرائیلؔ کا شِیرِین نغمہ ساز ہے۔
2 خُداوند کی رُوح نے میری معرفت کلام کِیا
اور اُس کا سُخن میری زُبان پر تھا۔
3 اِسرائیلؔ کے خُدا نے فرمایا۔
اِسرائیلؔ کی چٹان نے مُجھ سے کہا۔
ایک ہے جو صداقت سے لوگوں پر حُکُومت کرتا ہے۔
جو خُدا کے خَوف کے ساتھ حُکُومت کرتا ہے۔
4 وہ صُبح کی رَوشنی کی مانِند ہو گا جب سُورج نِکلتا ہے۔
اَیسی صُبح جِس میں بادل نہ ہوں۔
جب نرم نرم گھاس زمِین میں سے
بارِش کے بعد کی صاف چمک کے باعِث نِکلتی ہے۔
5 میرا گھر تو سچ مُچ خُدا کے سامنے اَیسا ہے بھی نہیں
تَو بھی اُس نے میرے ساتھ ایک دائِمی عہد
جِس کی سب باتیں مُعیّن اور پایدار ہیں باندھا ہے
کیونکہ یِہی میری ساری نجات اور ساری مُراد ہے۔
گو وہ اُس کو بڑھاتا نہیں۔
6 پر ناراست لوگ سب کے سب کانٹوں کی مانِند
ٹھہریں گے جو ہٹا دِئے جاتے ہیں
کیونکہ وہ ہاتھ سے پکڑے نہیں جا سکتے۔
7 بلکہ جو آدمی اُن کو چُھوئے
ضرُور ہے کہ وہ لوہے اور نیزہ کی چھڑ سے مُسلّح ہو۔
سو وہ اپنی ہی جگہ میں آگ سے بِالکُل بھسم کر دِئے
جائیں گے۔
داؤُد کے شُہرئہ آفاق سپاہی
8 اور داؤُد کے بہادُروں کے نام یہ ہیں:- یعنی تحکمونی یوشیب بشیبت جو سِپہ سالاروں کا سردار تھا۔ وُہی ایزنی ادِینو تھا جِس سے آٹھ سَو ایک ہی وقت میں مقتُول ہُوئے۔
9 اُس کے بعد ایک اخُوحی کے بیٹے دودؔے کا بیٹا الِیعزر تھا۔ یہ اُن تِینوں سُورماؤں میں سے ایک تھا جو داؤُد کے ساتھ اُس وقت تھے جب اُنہوں نے اُن فِلستِیوں کو جو لڑائی کے لِئے جمع ہُوئے تھے للکارا حالانکہ سب بنی اِسرائیل چلے گئے تھے۔ 10 اور اُس نے اُٹھ کر فِلستِیوں کو اِتنا مارا کہ اُس کا ہاتھ تھک کر تلوار سے چِپک گیا اور خُداوند نے اُس دِن بڑی فتح کرائی اور لوگ پِھر کر فقط لُوٹنے کے لِئے اُس کے پِیچھے ہو لِئے۔
11 بعد اُس کے ہراری اجی کا بیٹا سمّہ تھا اور فِلستِیوں نے اُس قطعۂِ زمِین کے پاس جو مسُور کے پیڑوں سے بھرا تھا جمع ہو کر دَل باندھ لِیا تھا اور لوگ فِلستِیوں کے آگے سے بھاگ گئے تھے۔ 12 لیکن اُس نے اُس قطعہ کے بِیچ میں کھڑے ہو کر اُس کو بچایا اور فِلستِیوں کو قتل کِیا اور خُداوند نے بڑی فتح کرائی۔
13 اور اُن تِیس سرداروں میں سے تِین سردار نِکلے اور فصل کاٹنے کے مَوسم میں داؤُد کے پاس عدُلاّم کے مغارہ میں آئے اور فِلستِیوں کی فَوج رفائِیم کی وادی میں خَیمہ زن تھی۔ 14 اور داؤُد اُس وقت گڑھی میں تھا اور فِلستِیوں کے پہرے کی چَوکی بَیت لحم میں تھی۔ 15 اور داؤُد نے ترستے ہُوئے کہا اَے کاش کوئی مُجھے بَیت لحم کے اُس کُنوئیں کا پانی پِینے کو دیتا جو پھاٹک کے پاس ہے! 16 اور اُن تِینوں بہادُروں نے فِلستِیوں کے لشکر میں سے جا کر بَیت لحم کے کنُوئیں سے جو پھاٹک کے برابر ہے پانی بھر لِیا اور اُسے داؤُد کے پاس لائے لیکن اُس نے نہ چاہا کہ پِئے بلکہ اُسے خُداوند کے حضُور اُنڈیل دِیا۔ 17 اور کہنے لگا اَے خُداوند مُجھ سے یہ ہرگِز نہ ہو کہ مَیں اَیسا کرُوں۔ کیا مَیں اُن لوگوں کا خُون پِیُوں جِنہوں نے اپنی جان جوکھوں میں ڈالی؟ اِسی لِئے اُس نے نہ چاہا کہ اُسے پِئے۔
اُن تِینوں بہادُروں نے اَیسے اَیسے کام کِئے۔
18 اور ضرویاؔہ کے بیٹے یُوآب کا بھائی ابِیشے اُن تِینوں میں افضل تھا۔ اُس نے تِین سَو پر اپنا بھالا چلا کر اُن کو قتل کِیا اور تِینوں میں نامی تھا۔ 19 کیا وہ اُن تِینوں میں مُعزّز نہ تھا؟ اِسی لِئے وہ اُن کا سردار ہُؤا تَو بھی وہ اُن پہلے تِینوں کے برابر نہیں ہونے پایا۔
20 اور یہوؔیدع کا بیٹا بِنایاؔہ قبضِیل کے ایک سُورما کا بیٹا تھا جِس نے بڑے بڑے کام کِئے تھے۔ اِس نے موآب کے اری ایل کے دونوں بیٹوں کو قتل کِیا اور جا کر برف کے مَوسم میں ایک غار کے بِیچ ایک شیرِ بَبر کو مارا۔ 21 اور اُس نے ایک جسِیم مِصری کو قتل کِیا۔ اُس مِصری کے ہاتھ میں بھالا تھا پر یہ لاٹھی ہی لِئے ہُوئے اُس پر لپکا اور مِصری کے ہاتھ سے بھالا چِھین لِیا اور اُسی کے بھالے سے اُسے مارا۔ 22 پس یہویدؔع کے بیٹے بِنایاؔہ نے اَیسے اَیسے کام کِئے اور تِینوں بہادُروں میں نامی تھا۔ 23 وہ اُن تِیسوں سے زِیادہ مُعزّز تھا پر وہ اُن پہلے تِینوں کے برابر نہیں ہونے پایا اور داؤُد نے اُسے اپنے مُحافِظ سِپاہِیوں پر مُقرّر کِیا۔
24 اور تِیسوں میں یُوآب کا بھائی عساہیل اور الحناؔن بَیت لحم کے دودو کا بیٹا۔ 25 حرودی سمّہ۔ حرودی الِقہ۔ 26 فلطی خلِص۔ عیرا بِن عقّیس تقوعی۔ 27 عنتوتی ابی عزؔر۔ حوساتی مبوؔنی۔ 28 اخوحی ضلموؔن۔ نطوفاتی مہرؔی۔ 29 نطوفاتی بعنہ کا بیٹا حِلب۔ اِتی بِن رِیبی بنی بِنیمِین کے جِبعہ کا۔ 30 فرعاتونی بِنایاؔہ اور جعس کے نالوں کا ہِدَّی۔ 31 عرباتی ابی علبُوؔن۔ برحُومی عزماوؔت۔ 32 سعلبونی الیحبہ بنی یسِین یُونتن۔ 33 ہراری سَمّہ۔ اخی آم بِن سرار ہراری۔ 34 الیفلط بِن احسبی معکاتی کا بیٹا الی عاؔم بِن اخِیُتفل جلونی۔ 35 کِرمِلی حصرو۔ اربی فعری۔ 36 ضوباہ کے ناتن کا بیٹا اِجال۔ جدی با نی۔ 37 عمُّونی صِلق۔ بیروتی نحری۔ ضروؔیاہ کے بیٹے یُوآب کے سِلح بردار۔ 38 اِتری عیرا۔ اِتری جرِیب۔ 39 اور حِتّی اورِیّاہ۔ یہ سب سَینتِیس تھے۔
داؤُد مَردم شُماری کراتا ہے
1 اِس کے بعد خُداوند کا غُصّہ اِسرائیلؔ پر پِھر بھڑکا اور اُس نے داؤُد کے دِل کو اُن کے خِلاف یہ کہہ کر اُبھارا کہ جا کر اِسرائیلؔ اور یہُوداؔہ کو گِن۔ 2 اور بادشاہ نے لشکر کے سردار یُوآب کو جو اُس کے ساتھ تھا حُکم کِیا کہ اِسرائیلؔ کے سب قبِیلوں میں دان سے بیرسبع تک گشت کرو اور لوگوں کو گِنو تاکہ لوگوں کی تعداد مُجھے معلُوم ہو۔
3 تب یُوآب نے بادشاہ سے کہا کہ خُداوند تیرا خُدا اُن لوگوں کو خواہ وہ کِتنے ہی ہوں سَو گنا بڑھائے اور میرے مالِک بادشاہ کی آنکھیں اِسے دیکھیں پر میرے مالِک بادشاہ کو یہ بات کیوں بھاتی ہے؟ 4 تَو بھی بادشاہ کی بات یُوآب اور لشکر کے سرداروں پر غالِب ہی رہی اور یُوآب اور لشکر کے سردار بادشاہ کے حضُور سے اِسرائیلؔ کے لوگوں کا شُمار کرنے کو نِکلے۔
5 اور وہ یَردن پار اُترے اور اُس شہر کی دہنی طرف عروعیر میں خَیمہ زن ہُوئے جو جد کی وادی میں یعزؔیر کی جانِب ہے۔ 6 پِھر وہ جِلعاؔد اور تَحتیم حدسی کے عِلاقہ میں گئے اور دان یعن کو گئے اور گُھوم کر صَیدا تک پُہنچے۔ 7 اور وہاں سے صُور کے قلعہ کو اور حوّیوں اور کنعانِؔیوں کے سب شہروں کو گئے اور یہُوداؔہ کے جنُوب میں بیرسبع تک نِکل گئے۔ 8 چُنانچہ ساری مُملکت میں گشت کر کے نَو مہِینے اور بِیس دِن کے بعد وہ یروشلیِم کو لَوٹے۔ 9 اور یُوآب نے مَردم شُماری کی تعداد بادشاہ کو دی سو اِسرائیلؔ میں آٹھ لاکھ بہادُر مَرد نِکلے جو شمشِیر زن تھے اور یہُوداؔہ کے مَرد پانچ لاکھ نِکلے۔
10 اور لوگوں کا شُمار کرنے کے بعد داؤُد کا دِل بے چَین ہُؤا اور داؤُد نے خُداوند سے کہا یہ جو مَیں نے کِیا سو بڑا گُناہ کِیا۔ اب اَے خُداوند مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں کہ تُو اپنے بندہ کا گُناہ دُور کر دے کیونکہ مُجھ سے بڑی حماقت ہُوئی۔
11 سو جب داؤُد صُبح کو اُٹھا تو خُداوند کا کلام جاد پر جو داؤُد کا غَیب بِین تھا نازِل ہُؤا اور اُس نے کہا کہ 12 جا اور داؤُد سے کہہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ مَیں تیرے سامنے تِین بلائیں پیش کرتا ہُوں۔ تُو اُن میں سے ایک کو چُن لے تاکہ مَیں اُسے تُجھ پر نازِل کرُوں۔ 13 سو جاد نے داؤُد کے پاس جا کر اُس کو یہ بتایا اور اُس سے پُوچھا کیا تیرے مُلک میں سات برس قحط رہے یا تُو تِین مہِینے تک اپنے دُشمنوں سے بھاگتا پِھرے اور وہ تُجھے رگیدیں یا تیری مُملکت میں تِین دِن تک مری ہو؟ سو تُو سوچ لے اور غَور کر لے کہ مَیں اُسے جِس نے مُجھے بھیجا ہے کیا جواب دُوں۔
14 داؤُد نے جاد سے کہا مَیں بڑے شِکنجہ میں ہُوں۔ ہم خُداوند کے ہاتھ میں پڑیں کیونکہ اُس کی رحمتیں عظِیم ہیں پر مَیں اِنسان کے ہاتھ میں نہ پڑوُں۔ 15 سو خُداوند نے اِسرائیلؔ پر وبا بھیجی جو اُس صُبح سے لے کر وقتِ مُعیّنہ تک رہی اور دان سے بیرسبع تک لوگوں میں سے ستّر ہزار آدمی مر گئے۔ 16 اور جب فرِشتہ نے اپنا ہاتھ بڑھایا کہ یروشلیِم کو ہلاک کرے تو خُداوند اُس وبا سے ملُول ہُؤا اور اُس فرِشتہ سے جو لوگوں کو ہلاک کر رہا تھا کہا یہ بس ہے۔ اب اپنا ہاتھ روک لے۔ اُس وقت خُداوند کا فرِشتہ یبُوسی اروناہ کے کھلِیہان کے پاس کھڑا تھا۔
17 اور داؤُد نے جب اُس فرِشتہ کو جو لوگوں کو مار رہا تھا دیکھا تو خُداوند سے کہنے لگا دیکھ گُناہ تو مَیں نے کِیا اور خطا مُجھ سے ہُوئی پر اِن بھیڑوں نے کیا کِیا ہے؟ سو تیرا ہاتھ میرے اور میرے باپ کے گھرانے کے خِلاف ہو۔
18 اُسی دِن جاد نے داؤُد کے پاس آ کر اُس سے کہا جا اور یبُوسی اروؔناہ کے کھلِیہان میں خُداوند کے لِئے ایک مذبح بنا۔ 19 سو داؤُد جاد کے کہنے کے مُوافِق جَیسا خُداوند کا حُکم تھا گیا۔ 20 اور اروؔناہ نے نِگاہ کی اور بادشاہ اور اُس کے خادِموں کو اپنی طرف آتے دیکھا۔ سو اروؔناہ نِکلا اور زمِین پر سرنگُون ہو کر بادشاہ کے آگے سِجدہ کِیا۔ 21 اور اروؔناہ کہنے لگا میرا مالِک بادشاہ اپنے بندہ کے پاس کیوں آیا؟
داؤُد نے کہا یہ کھلِیہان تُجھ سے خرِیدنے اور خُداوند کے لِئے ایک مذبح بنانے آیا ہُوں تاکہ لوگوں میں سے وبا جاتی رہے۔
22 اروؔناہ نے داؤُد سے کہا میرا مالِک بادشاہ جو کُچھ اُسے اچّھا معلُوم ہو لے کر چڑھائے۔ دیکھ سوختنی قُربانی کے لِئے بَیل ہیں اور دائیں چلانے کے اَوزار اور بَیلوں کا سامان اِیندھن کے لِئے ہیں۔ 23 یہ سب کُچھ اَے بادشاہ اروؔناہ بادشاہ کی نذر کرتا ہے اور اروؔناہ نے بادشاہ سے کہا کہ خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو قبُول فرمائے۔
24 تب بادشاہ نے اروؔناہ سے کہا نہیں بلکہ مَیں ضرُور قِیمت دے کر اُس کو تُجھ سے خرِیدُوں گا اور مَیں خُداوند اپنے خُدا کے حضُور اَیسی سوختنی قُربانِیاں نہیں گُذرانُوں گا جِن پر میرا کُچھ خرچ نہ ہُؤا ہو۔ سو داؤُد نے وہ کھلِیہان اور وہ بَیل چاندی کی پچاس مِثقالیں دے کر خرِیدے۔ 25 اور داؤُد نے وہاں خُداوند کے لِئے مذبح بنایا اور سوختنی قُربانِیاں اور سلامتی کی قُربانِیاں چڑھائِیں اور خُداوند نے اُس مُلک کے بارے میں دُعا سُنی اور وبا اِسرائیلؔ میں سے جاتی رہی۔