Calvary Pentecostal Theological Seminary Pakistan

Urdu Bible

Home Churches Seminary The Bible Books Prayer Request About Us Contact Us

۲-تھِسّلُنیکیوں


تمہید
1پَولُس اور سِلواؔنُس اور تِیمُتِھیُس کی طرف سے
تِھسّلُنیکیوں کی کلِیسیا کے نام جو ہمارے باپ خُدا اور خُداوند یِسُوعؔ مسِیح میں ہے۔
2فضل اور اِطمِینان خُدا باپ اور خُداوند یِسُوع مسِیح کی طرف سے تُمہیں حاصِل ہوتا رہے۔
مسِیح کی آمدِ ثانی پر عدالت
3اَے بھائِیو! تُمہارے بارے میں ہر وقت خُدا کا شُکر کرنا ہم پر فرض ہے اور یہ اِس لِئے مُناسِب ہے کہ تُمہارا اِیمان بُہت بڑھتا جاتا ہے اور تُم سب کی مُحبّت آپس میں زِیادہ ہوتی جاتی ہے۔ 4یہاں تک کہ ہم آپ خُدا کی کلِیسیاؤں میں تُم پر فخر کرتے ہیں کہ جِتنے ظُلم اور مُصِیبتیں تُم اُٹھاتے ہو اُن سب میں تُمہارا صبر اور اِیمان ظاہِر ہوتا ہے۔
5یہ خُدا کی سچّی عدالت کا صاف نِشان ہے تاکہ تُم خُدا کی بادشاہی کے لائِق ٹھہرو جِس کے لِئے تُم دُکھ بھی اُٹھاتے ہو۔ 6کیونکہ خُدا کے نزدِیک یہ اِنصاف ہے کہ بدلہ میں تُم پر مُصِیبت لانے والوں کو مُصِیبت۔ 7اور تُم مُصِیبت اُٹھانے والوں کو ہمارے ساتھ آرام دے جب خُداوند یِسُوعؔ اپنے قَوی فرِشتوں کے ساتھ بھڑکتی ہُوئی آگ میں آسمان سے ظاہِر ہو گا۔ 8اور جو خُدا کو نہیں پہچانتے اور ہمارے خُداوند یِسُوعؔ کی خُوشخبری کو نہیں مانتے اُن سے بدلہ لے گا۔ 9وہ خُداوند کے چِہرہ اور اُس کی قُدرت کے جلال سے دُور ہو کر ابدی ہلاکت کی سزا پائیں گے۔ 10یہ اُس دِن ہو گا جب کہ وہ اپنے مُقدّسوں میں جلال پانے اور سب اِیمان لانے والوں کے سبب سے تعجُّب کا باعِث ہونے کے لِئے آئے گا کیونکہ تُم ہماری گواہی پر اِیمان لائے۔
11اِسی واسطے ہم تُمہارے لِئے ہر وقت دُعا بھی کرتے رہتے ہیں کہ ہمارا خُدا تُمہیں اِس بُلاوے کے لائِق جانے اور نیکی کی ہر ایک خواہِش اور اِیمان کے ہر ایک کام کو قُدرت سے پُورا کرے۔ 12تاکہ ہمارے خُدا اور خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کے فضل کے مَوافِق ہمارے خُداوند یِسُوعؔ کا نام تُم میں جلال پائے اور تُم اُس میں۔
گُناہ کا شخص
1اَے بھائِیو! ہم اپنے خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کے آنے اور اُس کے پاس اپنے جمع ہونے کی بابت تُم سے درخواست کرتے ہیں۔ 2کہ کِسی رُوح یا کلام یا خَط سے جو گویا ہماری طرف سے ہو یہ سمجھ کر کہ خُداوند کا دِن آ پُہنچا ہے تُمہاری عقل دفعتہً پریشان نہ ہو جائے اور نہ تُم گھبراؤ۔ 3کِسی طرح سے کِسی کے فریب میں نہ آنا کیونکہ وہ دِن نہیں آئے گا جب تک کہ پہلے برگشتگی نہ ہو اور وہ گُناہ کا شخص یعنی ہلاکت کا فرزند ظاہِر نہ ہو۔ 4جو مُخالفت کرتا ہے اور ہر ایک سے جو خُدا یا معبُود کہلاتا ہے اپنے آپ کو بڑا ٹھہراتا ہے۔ یہاں تک کہ وہ خُدا کے مَقدِس میں بَیٹھ کر اپنے آپ کو خُدا ظاہِر کرتا ہے۔
5کیا تُمہیں یاد نہیں کہ جب مَیں تُمہارے پاس تھا تو تُم سے یہ باتیں کہا کرتا تھا؟ 6اب جو چِیز اُسے روک رہی ہے تاکہ وہ اپنے خاص وقت پر ظاہِر ہو اُس کو تُم جانتے ہو۔ 7کیونکہ بے دِینی کا بھید تو اب بھی تاثِیر کرتا جاتا ہے مگر اب ایک روکنے والا ہے اور جب تک کہ وہ دُور نہ کِیا جائے روکے رہے گا۔ 8اُس وقت وہ بے دِین ظاہِر ہو گا جِسے خُداوند یِسُوع اپنے مُنہ کی پُھونک سے ہلاک اور اپنی آمد کی تجّلی سے نیست کرے گا۔ 9اور جِس کی آمد شَیطان کی تاثِیر کے مُوافِق ہر طرح کی جُھوٹی قُدرت اور نِشانوں اور عجِیب کاموں کے ساتھ۔ 10اور ہلاک ہونے والوں کے لِئے ناراستی کے ہر طرح کے دھوکے کے ساتھ ہو گی اِس واسطے کہ اُنہوں نے حق کی مُحبّت کو اِختیار نہ کِیا جِس سے اُن کی نجات ہوتی۔ 11اِسی سبب سے خُدا اُن کے پاس گُمراہ کرنے والی تاثِیر بھیجے گا تاکہ وہ جُھوٹ کو سچ جانیں۔ 12اور جِتنے لوگ حق کا یقِین نہیں کرتے بلکہ ناراستی کو پسند کرتے ہیں وہ سب سزا پائیں۔
تُم نجات کے واسطے چُنے گئے ہو
13لیکن تُمہارے بارے میں اَے بھائِیو! خُداوند کے پیارو ہر وقت خُدا کا شُکر کرنا ہم پر فرض ہے کیونکہ خُدا نے تُمہیں اِبتدا ہی سے اِس لِئے چُن لِیا تھا کہ رُوح کے ذرِیعہ سے پاکِیزہ بن کر اور حق پر اِیمان لا کر نجات پاؤ۔ 14جِس کے لِئے اُس نے تُمہیں ہماری خُوشخبری کے وسِیلہ سے بُلایا تاکہ تُم ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کا جلال حاصِل کرو۔ 15پس اَے بھائِیو! ثابِت قدم رہو اور جِن روایتوں کی تُم نے ہماری زُبانی یا خَط کے ذرِیعہ سے تعلِیم پائی ہے اُن پر قائِم رہو۔
16اب ہمارا خُداوند یِسُوع مسِیح خُود اور ہمارا باپ خُدا جِس نے ہم سے مُحبّت رکھّی اور فضل سے اَبدی تسلّی اور اچھّی اُمّید بخشی۔ 17تُمہارے دِلوں کو تسلّی دے اور ہر ایک نیک کام اور کلام میں مضبُوط کرے۔
ہمارے لِئے بھی دُعا کِیا کرو
1غرض اَے بھائِیو! ہمارے حق میں دُعا کرو کہ خُداوند کا کلام اَیسا جلد پَھیل جائے اور جلال پائے جَیسا تُم میں۔ 2اور کجرَو اور بُرے آدمِیوں سے ہم بچے رہیں کیونکہ سب میں اِیمان نہیں۔
3مگر خُداوند سچّا ہے۔ وہ تُم کو مضبُوط کرے گا اور اُس شرِیر سے محفُوظ رکھّے گا۔ 4اور خُداوند میں ہمیں تُم پر بھروسا ہے کہ جو حُکم ہم تُمہیں دیتے ہیں اُس پر عمل کرتے ہو اور کرتے بھی رہو گے۔
5خُداوند تُمہارے دِلوں کو خُدا کی مُحبّت اور مسِیح کے صبر کی طرف ہدایت کرے۔
کام کرنا فرض ہے
6اَے بھائِیو! ہم اپنے خُداوند یِسُوع مسِیح کے نام سے تُمہیں حُکم دیتے ہیں کہ ہر ایک اَیسے بھائی سے کنارہ کرو جو بے قاعِدہ چَلتا ہے اور اُس روایت پر عمل نہیں کرتا جو اُس کو ہماری طرف سے پُہنچی۔ 7کیونکہ تُم آپ جانتے ہو کہ ہماری مانِند کِس طرح بننا چاہئے اِس لِئے کہ ہم تُم میں بے قاعِدہ نہ چلتے تھے۔ 8اور کِسی کی روٹی مُفت نہ کھاتے تھے بلکہ مِحنت مُشقّت سے رات دِن کام کرتے تھے تاکہ تُم میں سے کِسی پر بوجھ نہ ڈالیں۔ 9اِس لِئے نہیں کہ ہم کو اِختیار نہ تھا بلکہ اِس لِئے کہ اپنے آپ کو تُمہارے واسطے نمُونہ ٹھہرائیں تاکہ تُم ہماری مانِند بنو۔ 10اور جب ہم تُمہارے پاس تھے اُس وقت بھی تُم کو یہ حُکم دیتے تھے کہ جِسے مِحنت کرنا منظُور نہ ہو وہ کھانے بھی نہ پائے۔
11ہم سُنتے ہیں کہ تُم میں بعض بے قاعِدہ چلتے ہیں اور کُچھ کام نہیں کرتے بلکہ اَوروں کے کام میں دَخل دیتے ہیں۔ 12اَیسے شخصوں کو ہم خُداوند یِسُوع مسِیح میں حُکم دیتے اور نصِیحت کرتے ہیں کہ چُپ چاپ کام کر کے اپنی ہی روٹی کھائیں۔
13اور تُم اَے بھائِیو! نیک کام کرنے میں ہِمّت نہ ہارو۔ 14اور اگر کوئی ہمارے اِس خَط کی بات کو نہ مانے تو اُسے نِگاہ میں رکھّو اور اُس سے صُحبت نہ رکھّو تاکہ وہ شرمِندہ ہو۔ 15لیکن اُسے دُشمن نہ جانو بلکہ بھائی سمجھ کر نصِیحت کرو۔
اِختتامیہ باتیں
16اَب خُداوند جو اِطمِینان کا چشمہ ہے آپ ہی تُم کو ہمیشہ اور ہر طرح سے اِطمِینان بخشے۔ خُداوند تُم سب کے ساتھ رہے۔
17مَیں پَولُس اپنے ہاتھ سے سلام لِکھتا ہُوں ہر خَط میں میرا یِہی نِشان ہے۔ مَیں اِسی طرح لِکھتا ہُوں۔
18ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کا فضل تُم سب پر ہوتا رہے۔