۲-تِیمُتھِیُس

دوسرا تِیمُتھِیُس پولُس رسول کا آخری خط ہے، جو اس نے اپنے پیارے شاگرد تِیمُتھِیُس کو لکھا۔ اس خط میں پولُس اپنی زندگی کے اختتام کو دیکھتے ہوئے وفاداری، صبر، اور مشکلات میں ثابت قدم رہنے کی تلقین کرتا ہے۔ وہ تِیمُتھِیُس کو نصیحت کرتا ہے کہ وہ خدا کے کلام پر مضبوطی سے قائم رہے، سچائی کی منادی کرے اور ایمان کی راہ میں آنے والی آزمائشوں کا سامنا کرے۔ یہ خط خدمت گزاروں کے لیے ایک رہنمائی ہے، جو انہیں سکھاتا ہے کہ کیسے خدا کی مرضی کے مطابق زندگی گزارنی ہے اور انجیل کے پیغام کو دنیا تک پہنچانا ہے۔

تمہید
1 پَولُس کی طرف سے جو اُس زِندگی کے وعدہ کے مُوافِق جو مسِیح یِسُوعؔ میں ہے خُدا کی مرضی سے مسِیح یِسُوعؔ کا رسُول ہے۔
2 پِیارے فرزند تِیمُتِھیُس کے نام۔
فضل۔ رَحم اور اِطمِینان خُدا باپ اور ہمارے خُداوند مسِیح یِسُوعؔ کی طرف سے تُجھے حاصِل ہوتا رہے۔
شُکرگُزاری اور حَوصلہ افزائی
3 جِس خُدا کی عِبادت مَیں صاف دِل سے باپ دادا کے طَور پر کرتا ہُوں اُس کا شُکر ہے کہ اپنی دُعاؤں میں بِلاناغہ تُجھے یاد رکھتا ہُوں۔ 4 اور تیرے آنسُوؤں کو یاد کر کے رات دِن تیری مُلاقات کا مُشتاق رہتا ہُوں تاکہ خُوشی سے بھر جاؤں۔ 5 اور مُجھے تیرا وہ بے رِیا اِیمان یاد دِلایا گیا ہے جو پہلے تیری نانی لُوئِس اور تیری ماں یُونِیکے رکھتی تِھیں اور مُجھے یقِین ہے کہ تُو بھی رکھتا ہے۔ 6 اِسی سبب سے مَیں تُجھے یاد دِلاتا ہُوں کہ تُو خُدا کی اُس نِعمت کو چمکا دے جو میرے ہاتھ رکھنے کے باعِث تُجھے حاصِل ہے۔ 7 کیونکہ خُدا نے ہمیں دہشت کی رُوح نہیں بلکہ قُدرت اور مُحبّت اور تربِیّت کی رُوح دی ہے۔
8 پس ہمارے خُداوند کی گواہی دینے سے اور مُجھ سے جو اُس کا قَیدی ہُوں شرم نہ کر بلکہ خُدا کی قُدرت کے مُوافِق خُوشخبری کی خاطِر میرے ساتھ دُکھ اُٹھا۔ 9 جِس نے ہمیں نجات دی اور پاک بُلاوے سے بُلایا ہمارے کاموں کے مُوافِق نہیں بلکہ اپنے خاص اِرادہ اور اُس فضل کے مُوافِق جو مسِیح یِسُوعؔ میں ہم پر ازل سے ہُؤا۔ 10 مگر اب ہمارے مُنّجی مسِیح یِسُوعؔ کے ظہُور سے ظاہِر ہُؤا جِس نے مَوت کو نیست اور زِندگی اور بقا کو اُس خُوشخبری کے وسِیلہ سے رَوشن کر دِیا۔
11 جِس کے لِئے مَیں مُنادی کرنے والا اور رسُول اور اُستاد مُقرّر ہُؤا۔ 12 اِسی باعِث سے مَیں یہ دُکھ بھی اُٹھاتا ہُوں لیکن شرماتا نہیں کیونکہ جِس کا مَیں نے یقِین کِیا ہے اُسے جانتا ہُوں اور مُجھے یقِین ہے کہ وہ میری امانت کی اُس دِن تک حِفاظت کر سکتا ہے۔ 13 جو صحِیح باتیں تُو نے مُجھ سے سُنِیں اُس اِیمان اور مُحبّت کے ساتھ جو مسِیح یِسُوعؔ میں ہے اُن کا خاکہ یاد رکھ۔ 14 رُوحُ القُدس کے وسِیلہ سے جو ہم میں بسا ہُؤا ہے اِس اچّھی امانت کی حِفاظت کر۔
15 تُو یہ جانتا ہے کہ آسیہ کے سب لوگ مُجھ سے پِھر گئے۔ جِن میں سے فُوگلُس اور ہرمُگِنیُس ہیں۔ 16 خُداوند اُنیسِفرُؔس کے گھرانے پر رَحم کرے کیونکہ اُس نے بُہت دفعہ مُجھے تازہ دَم کِیا اور میری قَید سے شرمِندہ نہ ہُؤا۔ 17 بلکہ جب وہ روما میں آیا تو کوشِش سے تلاش کر کے مُجھ سے مِلا۔ 18 (خُداوند اُسے یہ بخشے کہ اُس دِن اُس پر خُداوند کا رَحم ہو) اور اُس نے اِفِسُس میں جو جو خِدمتیں کِیں تُو اُنہیں خُوب جانتا ہے۔
مسِیح یِسُوع کا جان نثار سپاہی
1 پس اَے میرے فرزند! تُو اُس فضل سے جو مسِیح یِسُوعؔ میں ہے مضبُوط بن۔ 2 اور جو باتیں تُو نے بُہت سے گواہوں کے سامنے مُجھ سے سُنی ہیں اُن کو اَیسے دِیانت دار آدمِیوں کے سپُرد کر جو اَوروں کو بھی سِکھانے کے قابِل ہوں۔
3 مسِیح یِسُوعؔ کے اچھّے سِپاہی کی طرح میرے ساتھ دُکھ اُٹھا۔ 4 کوئی سِپاہی جب لڑائی کو جاتا ہے اپنے آپ کو دُنیا کے مُعاملوں میں نہیں پھنساتا تاکہ اپنے بھرتی کرنے والے کو خُوش کرے۔ 5 دنگل میں مُقابلہ کرنے والا بھی اگر اُس نے باقاعِدہ مُقابلہ نہ کِیا ہو تو سِہرا نہیں پاتا۔ 6 جو کِسان مِحنت کرتا ہے پَیداوار کا حِصّہ پہلے اُسی کو مِلنا چاہیے۔ 7 جو مَیں کہتا ہُوں اُس پر غَور کر کیونکہ خُداوند تُجھے سب باتوں کی سمجھ دے گا۔
8 یِسُوعؔ مسِیح کو یاد رکھ جو مُردوں میں سے جی اُٹھا ہے اور داؤُد کی نَسل سے ہے۔ میری اُس خُوشخبری کے مُوافِق۔ 9 جِس کے لِئے مَیں بدکار کی طرح دُکھ اُٹھاتا ہُوں یہاں تک کہ قَید ہُوں مگر خُدا کا کلام قَید نہیں۔ 10 اِسی سبب سے مَیں برگُزِیدہ لوگوں کی خاطِر سب کُچھ سہتا ہُوں تاکہ وہ بھی اُس نجات کو جو مسِیح یِسُوعؔ میں ہے ابدی جلال سمیت حاصِل کریں۔ 11 یہ بات سچ ہے کہ
جب ہم اُس کے ساتھ مَر گئے
تو اُس کے ساتھ جِئیں گے بھی۔
12 اگر ہم دُکھ سہیں گے
تو اُس کے ساتھ بادشاہی بھی کریں گے۔
اگر ہم اُس کا اِنکار کریں گے
تو وہ بھی ہمارا اِنکار کرے گا۔
13 اگر ہم بے وفا ہو جائیں گے
تَو بھی وہ وفادار رہے گا
کیونکہ وہ آپ اپنا اِنکار نہیں کر سکتا۔
ایک پسندیدہ کارندہ
14 یہ باتیں اُنہیں یاد دِلا اور خُداوند کے سامنے تاکِید کر کہ لفظی تکرار نہ کریں جِس سے کُچھ حاصِل نہیں بلکہ سُننے والے بِگڑ جاتے ہیں۔ 15 اپنے آپ کو خُدا کے سامنے مقبُول اور اَیسے کام کرنے والے کی طرح پیش کرنے کی کوشِش کر جِس کو شرمِندہ ہونا نہ پڑے اور جو حق کے کلام کو درُستی سے کام میں لاتا ہو۔ 16 لیکن بیہُودہ بکواس سے پرہیز کر کیونکہ اَیسے شخص اَور بھی بے دِینی میں ترقّی کریں گے۔ 17 اور اُن کا کلام آکِلہ کی طرح کھاتا چلا جائے گا۔ ہُمِنِیُس اور فِلیتُس اُن ہی میں سے ہیں۔ 18 وہ یہ کہہ کر کہ قِیامت ہو چُکی ہے حق سے گُمراہ ہو گئے ہیں اور بعض کا اِیمان بِگاڑتے ہیں۔ 19 تَو بھی خُدا کی مضبُوط بُنیاد قائِم رہتی ہے اور اُس پر یہ مُہر ہے کہ خُداوند اپنوں کو پہچانتا ہے اور جو کوئی خُداوند کا نام لیتا ہے ناراستی سے باز رہے۔
20 بڑے گھر میں نہ صِرف سونے چاندی ہی کے برتن ہوتے ہیں بلکہ لکڑی اور مِٹّی کے بھی۔ بعض عِزّت اور بعض ذِلّت کے لِئے۔ 21 پس جو کوئی اِن سے الگ ہو کر اپنے تئِیں پاک کرے گا وہ عِزّت کا برتن اور مُقدّس بنے گا اور مالِک کے کام کے لائِق اور ہر نیک کام کے لِئے تیّار ہو گا۔ 22 جوانی کی خواہِشوں سے بھاگ اور جو پاک دِل کے ساتھ خُداوند سے دُعا کرتے ہیں اُن کے ساتھ راست بازی اور اِیمان اور مُحبّت اور صُلح کا طالِب ہو۔ 23 لیکن بیوُقُوفی اور نادانی کی حُجتوّں سے کنارہ کر کیونکہ تُو جانتا ہے کہ اُن سے جھگڑے پَیدا ہوتے ہیں۔ 24 اور مُناسِب نہیں کہ خُداوند کا بندہ جھگڑا کرے بلکہ سب کے ساتھ نرمی کرے اور تعلِیم دینے کے لائِق اور بُردبار ہو۔ 25 اور مُخالِفوں کو حلِیمی سے تادِیب کرے۔ شاید خُدا اُنہیں تَوبہ کی تَوفِیق بخشے تاکہ وہ حق کو پہچانیں۔ 26 اور خُداوند کے بندہ کے ہاتھ سے خُدا کی مرضی کے اسِیر ہو کر اِبلِیس کے پھندے سے چُھوٹیں۔
آخِری زمانہ
1 لیکن یہ جان رکھ کہ اخِیر زمانہ میں بُرے دِن آئیں گے۔ 2 کیونکہ آدمی خُودغرض۔ زر دوست۔ شیخی باز۔ مغرُور۔ بدگو۔ ماں باپ کے نافرمان۔ ناشُکر۔ ناپاک۔ 3 طبعی مُحبّت سے خالی۔ سنگ دِل۔ تُہمت لگانے والے۔ بے ضبط۔ تُند مِزاج۔ نیکی کے دُشمن۔ 4 دغاباز۔ ڈِھیٹھ۔ گُھمنڈ کرنے والے۔ خُدا کی نِسبت عَیش و عِشرت کو زِیادہ دوست رکھنے والے ہوں گے۔ 5 وہ دِین داری کی وضع تو رکھّیں گے مگر اُس کے اثر کو قبُول نہ کریں گے اَیسوں سے بھی کنارہ کرنا۔ 6 اِن ہی میں سے وہ لوگ ہیں جو گھروں میں دبے پاؤں گُھس آتے ہیں اور اُن چھچھوری عَورتوں کو قابُو میں کر لیتے ہیں جو گُناہوں میں دبی ہُوئی ہیں اور طرح طرح کی خواہِشوں کے بس میں ہیں۔ 7 اور ہمیشہ تعلِیم پاتی رہتی ہیں مگر حق کی پہچان تک کبھی نہیں پُہنچتِیں۔ 8 اور جِس طرح کہ ینیّس اور یمبرؔیس نے مُوسیٰ کی مُخالفت کی تھی اُسی طرح یہ لوگ بھی حق کی مُخالفت کرتے ہیں۔ یہ اَیسے آدمی ہیں جِن کی عقل بِگڑی ہُوئی ہے اور وہ اِیمان کے اِعتبار سے نامقبُول ہیں۔ 9 مگر اِس سے زِیادہ نہ بڑھ سکیں گے اِس واسطے کہ اِن کی نادانی سب آدمِیوں پر ظاہِر ہو جائے گی جَیسے اُن کی بھی ہو گئی تھی۔
آخِری ہدایات
10 لیکن تُو نے تعلِیم۔ چال چلن۔ اِرادہ۔ اِیمان۔ تحمُّل۔ مُحبّت۔ صبر۔ ستائے جانے اور دُکھ اُٹھانے میں میری پَیروی کی۔ 11 یعنی اَیسے دُکھوں میں جو انطاکِیہ اور اِکُنیُم اور لُسترؔہ میں مُجھ پر پڑے اور اَور دُکھوں میں بھی جو مَیں نے اُٹھائے ہیں مگر خُداوند نے مُجھے اُن سب سے چُھڑا لِیا۔ 12 بلکہ جِتنے مسِیح یِسُوعؔ میں دِین داری کے ساتھ زِندگی گُذارنا چاہتے ہیں وہ سب ستائے جائیں گے۔ 13 اور بُرے اور دھوکا باز آدمی فرِیب دیتے اور فرِیب کھاتے ہُوئے بِگڑتے چلے جائیں گے۔ 14 مگر تُو اُن باتوں پر جو تُو نے سِیکھی تِھیں اور جِن کا یقِین تُجھے دِلایا گیا تھا یہ جان کر قائِم رہ کہ تُو نے اُنہیں کِن لوگوں سے سِیکھا تھا۔ 15 اور تُو بچپن سے اُن پاک نوِشتوں سے واقِف ہے جو تُجھے مسِیح یِسُوع پر اِیمان لانے سے نجات حاصِل کرنے کے لِئے دانائی بخش سکتے ہیں۔ 16 ہر ایک صحِیفہ جو خُدا کے اِلہام سے ہے تعلِیم اور اِلزام اور اِصلاح اور راست بازی میں تربِیّت کرنے کے لِئے فائِدہ مند بھی ہے۔ 17 تاکہ مردِ خُدا کامِل بنے اور ہر ایک نیک کام کے لِئے بِالکُل تیّار ہو جائے۔
1 خُدا اور مسِیح یِسُوع کو جو زِندوں اور مُردوں کی عدالت کرے گا گواہ کر کے اور اُس کے ظہُور اور بادشاہی کو یاد دِلا کر مَیں تُجھے تاکِید کرتا ہُوں۔ 2 کہ تُو کلام کی مُنادی کر۔ وقت اور بے وقت مُستعِد رہ۔ ہر طرح کے تحمُّل اور تعلِیم کے ساتھ سمجھا دے اور ملامت اور نصِیحت کر۔ 3 کیونکہ اَیسا وقت آئے گا کہ لوگ صحِیح تعلِیم کی برداشت نہ کریں گے بلکہ کانوں کی کُھجلی کے باعِث اپنی اپنی خواہِشوں کے مُوافِق بُہت سے اُستاد بنا لیں گے۔ 4 اور اپنے کانوں کو حق کی طرف سے پھیر کر کہانِیوں پر مُتوجِّہ ہوں گے۔ 5 مگر تُو سب باتوں میں ہوشیار رہ۔ دُکھ اُٹھا۔ بشارت کا کام انجام دے۔ اپنی خِدمت کو پُورا کر۔
6 کیونکہ مَیں اب قُربان ہو رہا ہُوں اور میرے کُوچ کا وقت آ پُہنچا ہے۔ 7 مَیں اچھّی کُشتی لڑ چُکا۔ مَیں نے دَوڑ کو ختم کر لِیا۔ مَیں نے اِیمان کو محفُوظ رکھّا۔ 8 آیندہ کے لِئے میرے واسطے راست بازی کا وہ تاج رکھّا ہُؤا ہے جو عادِل مُنصِف یعنی خُداوند مُجھے اُس دِن دے گا اور صِرف مُجھے ہی نہیں بلکہ اُن سب کو بھی جو اُس کے ظہُور کے آرزُو مند ہوں۔
شخصی باتیں
9 میرے پاس جلد آنے کی کوشِش کر۔ 10 کیونکہ دیماس نے اِس مَوجُودہ جہان کو پسند کر کے مُجھے چھوڑ دِیا اور تِھسّلُنِیکے کو چلا گیا اور کریسکینس گلِتیہ کو اور طِطُس دلمتیہ کو۔ 11 صِرف لُوقا میرے پاس ہے۔ مرقس کو ساتھ لے کر آ جا کیونکہ خِدمت کے لِئے وہ میرے کام کا ہے۔ 12 تخِکُس کو مَیں نے اِفِسُس بھیج دِیا ہے۔ 13 جو چوغہ مَیں تروآؔس میں کرپُس کے ہاں چھوڑ آیا ہُوں جب تُو آئے تو وہ اور کِتابیں خاص کر رَقّ کے طُومار لیتا آئِیو۔
14 سِکندؔر ٹھٹھیرے نے مُجھ سے بُہت بُرائیاں کِیں۔ خُداوند اُسے اُس کے کاموں کے مُوافِق بدلہ دے گا۔ 15 اُس سے تُو بھی خبردار رہ کیونکہ اُس نے ہماری باتوں کی بڑی مُخالفت کی۔
16 میری پہلی جواب دِہی کے وقت کِسی نے میرا ساتھ نہ دِیا بلکہ سب نے مُجھے چھوڑ دِیا۔ کاش کہ اُنہیں اِس کا حِساب دینا نہ پڑے۔ 17 مگر خُداوند میرا مددگار تھا اور اُس نے مُجھے طاقت بخشی تاکہ میری معرفت پَیغام کی پُوری مُنادی ہو جائے اور سب غَیر قَومیں سُن لیں اور مَیں شیر کے مُنہ سے چُھڑایا گیا۔ 18 خُداوند مُجھے ہر ایک بُرے کام سے چُھڑائے گا اور اپنی آسمانی بادشاہی میں صحِیح سلامت پُہنچا دے گا۔ اُس کی تمجِید ابدُالآباد ہوتی رہے۔ آمِین۔
اِختتامیہ سلام
19 پرِسکہ اور اَکوِلہ سے اور اُنیسِفرُؔس کے خاندان سے سلام کہہ۔ 20 اِراستُس کُرِنتھُس میں رہا اور ترُفِمُس کو مَیں نے میلیتُس میں بِیمار چھوڑا۔ 21 جاڑوں سے پہلے میرے پاس آ جانے کی کوشِش کر۔
یُوبُولُس اور پُودینس اور لِینُس اور کلودِیہ اور اَور سب بھائی تُجھے سلام کہتے ہیں۔
22 خُداوند تیری رُوح کے ساتھ رہے۔
تُم پر فضل ہوتا رہے۔