Calvary Pentecostal Theological Seminary Pakistan

Urdu Bible

Home Churches Seminary The Bible Books Prayer Request About Us Contact Us

عامُوس


1تقُوؔع کے چرواہوں میں سے عامُوؔس کا کلام جو اُس پر شاہِ یہُوداؔہ عُزِّیاہ اور شاہِ اِسرائیل یرُبعاؔم بِن یُوآس کے ایّام میں اِسرائیل کی بابت بَھونچال سے دو سال پہلے رویا میں نازِل ہُؤا۔:-
2اُس نے کہا کہ
خُداوند صِیُّون سے نعرہ مارے گا
اور یروشلیِم سے آواز بُلند کرے گا
اور چرواہوں کی چراگاہیں ماتم کریں گی
اور کرمِل کی چوٹی سُوکھ جائے گی۔
اِسرائیلؔ کی ہمسایہ قوموں پر خُدا کا غضب
دمِشق
(ارام)
3خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دمِشق کے تِین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے مَیں اُس کو بے سزا نہ چھوڑُوں گا کیونکہ اُنہوں نے جِلعاد کو کھلِیہان میں داؤنے کے آہنی اَوزار سے رَوند ڈالا ہے۔ 4اور مَیں حزائیل کے گھرانے میں آگ بھیجُوں گا جو بِن ہدد کے قصروں کو کھا جائے گی۔ 5اور مَیں دمِشق کا اڑبنگا توڑُوں گا اور وادیِ آوؔن کے باشِندوں اور بَیت عدؔن کے فرمانروا کو کاٹ ڈالُوں گا اور اراؔم کے لوگ اسِیر ہو کر قِیر کو جائیں گے خُداوند فرماتا ہے۔
فِلستِین
6خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ غزّہ کے تِین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے مَیں اُس کو بے سزا نہ چھوڑُوں گا کیونکہ وہ سب لوگوں کو اسِیر کر کے لے گئے تاکہ اُن کو ادُوؔم کے حوالہ کریں۔ 7پس مَیں غزّہ کی شہر پناہ پر آگ بھیجُوں گا جو اُس کے قصروں کو کھا جائے گی۔ 8اور اشدُود کے باشِندوں اور اسقلُوؔن کے فرمانروا کو کاٹ ڈالُوں گا اور عقرُوؔن پر ہاتھ چلاؤُں گا اور فلِستِیوں کے باقی لوگ نیست ہو جائیں گے خُداوند خُدا فرماتا ہے۔
صُور
9خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ صُور کے تِین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے مَیں اُس کو بے سزا نہ چھوڑُوں گا کیونکہ اُنہوں نے سب لوگوں کو ادُوؔم کے حوالہ کِیا اور برادرانہ عہد کو یاد نہ کِیا۔ 10پس مَیں صُور کی شہر پناہ پر آگ بھیجُوں گا جو اُس کے قصروں کو کھا جائے گی۔
ادُوم
11خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ ادُوؔم کے تِین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے مَیں اُس کو بے سزا نہ چھوڑُوں گا کیونکہ اُس نے تلوار لے کر اپنے بھائی کو رگیدا اور رحم دِلی کو ترک کر دِیا اور اُس کا قہر ہمیشہ پھاڑتا رہا اور اُس کا غضب مَوقُوف نہ ہُؤا۔ 12پس مَیں تیمان پر آگ بھیجُوں گا اور وہ بُصراؔہ کے قصروں کو کھا جائے گی۔
عمُّون
13خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ بنی عمُّون کے تِین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے مَیں اُس کو بے سزا نہ چھوڑُوں گا کیونکہ اُنہوں نے اپنی حدُود کو بڑھانے کے لِئے جِلعاد کی باردار عَورتوں کے پیٹ چاک کِئے۔ 14پس مَیں ربّہ کی شہر پناہ پر آگ بھڑکاؤُں گا جو اُس کے قصروں کو لڑائی کے دِن للکار اور آندھی کے دِن گِردباد کے ساتھ کھا جائے گی۔ 15اور اُن کا بادشاہ بلکہ وہ اپنے اُمرا کے ساتھ اسِیر ہو کر جائے گا خُداوند فرماتا ہے۔
مُوآب
1خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ مُوآؔب کے تِین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے مَیں اُس کو بے سزا نہ چھوڑُوں گا کیونکہ اُس نے شاہِ ادُوؔم کی ہڈِّیوں کو جلا کر چُونا بنا دِیا ہے۔ 2پس مَیں مُوآؔب پر آگ بھیجُوں گا اور وہ قریوت کے قصروں کو کھا جائے گی اور مُوآؔب للکار اور نرسِنگے کی آواز اور شور و غَوغا کے درمِیان مَرے گا۔ 3اور مَیں قاضی کو اُس کے درمِیان سے کاٹ ڈالُوں گا اور اُس کے تمام اُمرا کو اُس کے ساتھ قتل کرُوں گا خُداوند فرماتا ہے۔
یہُوداؔہ
4خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ یہُوداؔہ کے تِین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے مَیں اُس کو بے سزا نہ چھوڑُوں گا کیونکہ اُنہوں نے خُداوند کی شرِیعت کو ردّ کِیا اور اُس کے احکام کی پَیروی نہ کی اور اُن کے جُھوٹے معبُودوں نے جِن کی پَیروی اُن کے باپ دادا نے کی اُن کو گُمراہ کِیا ہے۔ 5پس مَیں یہُوداؔہ پر آگ بھیجُوں گا جو یروشلیِم کے قصروں کو کھا جائے گی۔
اِسرائیلؔ پر خُدا کا غضب
6خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اِسرائیل کے تِین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے مَیں اُس کو بے سزا نہ چھوڑُوں گا کیونکہ اُنہوں نے صادِق کو رُوپیہ کی خاطِر اور مِسکِین کو جُوتِیوں کے جوڑے کی خاطِر بیچ ڈالا۔ 7وہ مِسکِینوں کے سر پر کی گرَد کا بھی لالچ رکھتے ہیں اور حلِیموں کو اُن کی راہ سے گُمراہ کرتے ہیں اور باپ بیٹا ایک ہی عَورت کے پاس جانے سے میرے مُقدّس نام کی تکفِیر کرتے ہیں۔ 8اور وہ ہر مذبح کے پاس گِرو لِئے ہُوئے کپڑوں پر لیٹتے ہیں اور اپنے خُدا کے گھر میں جُرمانہ سے خرِیدی ہُوئی مَے پِیتے ہیں۔
9حالانکہ مَیں ہی نے اُن کے سامنے سے اموریوں کو نیست کِیا جو دیوداروں کی مانِند بُلند اور بلُوطوں کی مانِند مضبُوط تھے۔ ہاں مَیں ہی نے اُوپر سے اُن کا پَھل برباد کِیا اور نِیچے سے اُن کی جڑیں کاٹِیں۔ 10اور مَیں ہی تُم کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال لایا اور چالِیس برس تک بیابان میں تُمہاری رہبری کی تاکہ تُم اموریوں کے مُلک پر قابِض ہو جاؤ۔ 11اور مَیں نے تُمہارے بیٹوں میں سے نبی اور تُمہارے جوانوں میں سے نذِیر برپا کِئے۔ خُداوند فرماتا ہے اَے بنی اِسرائیل کیا یہ سچ نہیں؟ 12لیکن تُم نے نذِیروں کو مَے پِلائی اور نبِیوں کو حُکم دِیا کہ نبُوّت نہ کریں۔ 13دیکھو مَیں تُم کو اَیسا دباؤُں گا جَیسے پُولوں سے لدی ہُوئی گاڑی دباتی ہے۔ 14تب تیز رفتار سے بھاگنے کی طاقت جاتی رہے گی اور زورآور کا زور بیکار ہو گا اور بہادُر اپنی جان نہ بچا سکے گا۔ 15اور کمان کھینچنے والا کھڑا نہ رہے گا اور تیز قدم اور سوار اپنی جان نہ بچا سکیں گے۔ 16اور پہلوانوں میں سے جو کوئی دِلاور ہے ننگا نِکل بھاگے گا خُداوند فرماتا ہے۔
1اَے بنی اِسرائیل! اَے سب لوگو جِن کو مَیں مُلکِ مِصرؔ سے نِکال لایا یہ بات سُنو جو خُداوند تُمہاری بابت فرماتا ہے۔ 2دُنیا کے سب گھرانوں میں سے مَیں نے صِرف تُم کو برگُزِیدہ کِیا ہے اِس لِئے مَیں تُم کو تُمہاری ساری بدکرداری کی سزا دُوں گا۔
نبی کا کام اور ذِمّہ داری
3اگر دو شخص باہم مُتّفِق نہ ہوں تو کیا اِکٹّھے چل سکیں گے؟
4کیا شیرِ بَبر جنگل میں گرجے گا جب کہ اُس کو شِکار نہ مِلا ہو؟
اور اگر جوان شیر نے کُچھ نہ پکڑا ہو تو کیا وہ غار میں سے اپنی آواز کو بُلند کرے گا؟
5کیا کوئی چِڑیا زمِین پر دام میں پھنس سکتی ہے جب کہ اُس کے لِئے دام ہی نہ بِچھایا گیا ہو؟
کیا پھندا جب تک کہ کُچھ نہ کُچھ اُس میں پھنسا نہ ہو زمِین پر سے اُچھلے گا؟
6کیا یہ مُمکِن ہے کہ شہر میں نرسِنگا پُھونکا جائے اور لوگ نہ کانپیں
یا کوئی بلا شہر پر آئے اور خُداوند نے اُسے نہ بھیجا ہو؟
7یقِیناً خُداوند خُدا کُچھ نہیں کرتا جب تک کہ اپنا بھید اپنے خِدمت گُذار نبِیوں پر پہلے آشکارا نہ کرے۔
8شیرِ بَبر گرجا ہے۔ کَون نہ ڈرے گا؟
خُداوند خُدا نے فرمایا ہے۔ کَون نبُوّت نہ کرے گا؟
سامریہ کا حَشر
9اشدُود کے قصروں میں اور مُلکِ مِصرؔ کے قصروں میں مُنادی کرو اور کہو سامرؔیہ کے پہاڑوں پر جمع ہو جاؤ اور دیکھو اُس میں کَیسا ہنگامہ اور ظُلم ہے۔
10کیونکہ وہ نیکی کرنا نہیں جانتے خُداوند فرماتا ہے جو اپنے قصروں میں ظُلم اور لُوٹ کو جمع کرتے ہیں۔ 11اِس لِئے خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دُشمن مُلک کا مُحاصرہ کرے گا اور تیری قُوّت کو تُجھ سے دُور کرے گا اور تیرے قصر لُوٹے جائیں گے۔
12خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ جِس طرح سے چرواہا دو ٹانگیں یا کان کا ایک ٹُکڑا شیرِ بَبر کے مُنہ سے چُھڑا لیتا ہے اُسی طرح بنی اِسرائیل جو سامرؔیہ میں پلنگ کے گوشہ میں اور ریشمِین فرش پر بَیٹھے رہتے ہیں چُھڑا لِئے جائیں گے۔ 13خُداوند خُدا ربُّ الافواج فرماتا ہے سُنو اور بنی یعقُوب کے خِلاف گواہی دو۔ 14کیونکہ جب مَیں اِسرائیل کے گُناہوں کی سزا دُوں گا تو بَیت ایل کے مذبحوں کو بھی دیکھ لُوں گا اور مذبح کے سِینگ کٹ کر زمِین پر گِر جائیں گے۔ 15اور خُداوند فرماتا ہے مَیں زمِستانی اور تابِستانی گھروں کو برباد کرُوں گا اور ہاتھی دانت کے گھر مِسمار کِئے جائیں گے اور بُہت سے مکان وِیران ہوں گے۔
1اَے بسن کی گایو جو کوہِ سامرؔیہ پر رہتی ہو اور غرِیبوں کو ستاتی اور مِسکِینوں کو کُچلتی اور اپنے مالِکوں سے کہتی ہو لاؤ ہم پِئیں تُم یہ بات سُنو۔ 2خُداوند خُدا نے اپنی پاکِیزگی کی قَسم کھائی ہے کہ تُم پر وہ دِن آئیں گے جب تُم کو آنکڑیوں سے اور تُمہاری اَولاد کو شَستوں سے کھینچ لے جائیں گے۔ 3اور خُداوند فرماتا ہے تُم میں سے ہر ایک اُس رخنہ سے جو اُس کے سامنے ہو گا نِکل بھاگے گی اور تُم قَید میں ڈالی جاؤ گی۔
اِسرائیلؔ کُچھ نہیں سِیکھتا
4بَیت اؔیل میں آؤ اور گُناہ کرو اور جِلجاؔل میں کثرت سے گُناہ کرو۔ ہر صُبح اپنی قُربانِیاں اور ہر تِیسرے روز دَہ یکی لاؤ۔ 5اور شُکرگُذاری کا ہدیہ خمِیر کے ساتھ آگ پر گُذرانو اور رضا کی قُربانی کا اِعلان کرو اور اُس کو مشہُور کرو کیونکہ اَے بنی اِسرائیل یہ سب کام تُم کو پسند ہیں خُداوند خُدا فرماتا ہے۔
6خُداوند فرماتا ہے اگرچہ مَیں نے تُم کو تُمہارے ہر شہر میں دانتوں کی صفائی اور تُمہارے ہر مکان میں روٹی کی کمی دی ہے تَو بھی تُم میری طرف رجُوع نہ لائے۔ 7اور اگرچہ مَیں نے مِینہہ کو جب کہ فصل پکنے میں تِین مہِینے باقی تھے تُم سے روک لِیا اور ایک شہر پر برسایا اور دُوسرے سے روک رکھّا ایک قِطعہ زمِین پر برسا اور دُوسرا قِطعہ بارِش نہ ہونے کے باعِث سُوکھ گیا۔ 8اور دو تِین بستِیاں آوارہ ہو کر ایک بستی میں آئیں تاکہ لوگ پانی پِئیں پر وہ آسُودہ نہ ہُوئے تَو بھی تُم میری طرف رجُوع نہ لائے خُداوند فرماتا ہے۔
9پِھر مَیں نے تُم پر بادِ سمُوم اور گیروئی کی آفت بھیجی اور تُمہارے بے شُمار باغ اور تاکِستان اور انجِیر اور زَیتُون کے درخت ٹِڈّیوں نے کھا لِئے تَو بھی تُم میری طرف رجُوع نہ لائے خُداوند فرماتا ہے۔
10مَیں نے مِصرؔ کی سی وبا تُم پر بھیجی اور تُمہارے جوانوں کو تلوار سے قتل کِیا۔ تُمہارے گھوڑے چِھین لِئے اور تُمہاری لشکر گاہ کی بدبُو تُمہارے نتھنوں میں پُہنچی تَو بھی تُم میری طرف رجُوع نہ لائے خُداوند فرماتا ہے۔
11مَیں نے تُم میں سے بعض کو اُلٹ دِیا جَیسے خُدا نے سدُوؔم اور عمُورؔہ کو اُلٹ دِیا تھا اور تُم اُس لُکٹی کی مانِند ہُوئے جو آگ سے نِکالی جائے تَو بھی تُم میری طرف رجُوع نہ لائے خُداوند فرماتا ہے۔ 12پس اَے اِسرائیل مَیں تُجھ سے یُوں ہی کرُوں گا اور چُونکہ مَیں تُجھ سے یُوں کرُوں گا اِس لِئے اَے اِسرائیل تُو اپنے خُدا سے مُلاقات کی تیّاری کر۔
13کیونکہ دیکھ اُسی نے پہاڑوں کو بنایا
اور ہوا کو پَیدا کِیا۔
وہ اِنسان پر اُس کے خیالات کو ظاہِر کرتا ہے
اور صُبح کو تارِیک بنا دیتا ہے
اور زمِین کے اُونچے مقامات پر چلتا ہے۔
اُس کا نام خُداوند ربُّ الافواج ہے۔
تَوبہ کے لِئے پُکار
1اَے اِسرائیل کے خاندان اِس کلام کو جِس سے مَیں تُم پر نَوحہ کرتا ہُوں سُنو۔
2اِسرائیل کی کُنواری گِر پڑی۔
وہ پِھر نہ اُٹھے گی۔
وہ اپنی زمِین پر پڑی ہے۔
اُس کو اُٹھانے والا کوئی نہیں۔
3کیونکہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ اِسرائیل کے گھرانے کے لِئے جِس شہر سے ایک ہزار نِکلتے تھے اُس میں ایک سَو رہ جائیں گے اور جِس سے ایک سَو نِکلتے تھے اُس میں دس رہ جائیں گے۔
4کیونکہ خُداوند اِسرائیل کے گھرانے سے یُوں فرماتا ہے کہ تُم میرے طالِب ہو اور زِندہ رہو۔ 5لیکن بَیت ایل کے طالِب نہ ہو اور جِلجاؔل میں داخِل نہ ہو اور بِیرسبع کو نہ جاؤ کیونکہ جِلجاؔل اسِیری میں جائے گا اور بَیت ایل ناچِیز ہو گا۔
6تُم خُداوند کے طالِب ہو اور زِندہ رہو۔ اَیسا نہ ہو کہ وہ یُوسفؔ کے گھرانے میں آگ کی مانِند بھڑکے اور اُسے کھا جائے اور بَیت ایل میں اُسے بُجھانے والا کوئی نہ ہو۔ 7اَے عدالت کو ناگدَونا بنانے والو اور صداقت کو خاک میں مِلانے والو۔
8وُہی ثُریّا اور جبّار سِتاروں کا خالِق ہے
جو مَوت کے سایہ کو مطلعِ نُور
اور روزِ روشن کو شبِ دِیجُور بنا دیتا ہے
اور سمُندر کے پانی کو بُلاتا
اور رُویِ زمِین پر پَھیلاتا ہے
جِس کا نام خُداوند ہے۔
9وہ جو زبردستوں پر ناگہانی ہلاکت لاتا ہے۔ جِس
سے قلعوں پر تباہی آتی ہے۔
10وہ پھاٹک میں ملامت کرنے والوں سے کِینہ رکھتے ہیں اور راست گو سے نفرت کرتے ہیں۔ 11پس چُونکہ تُم مِسکِینوں کو پامال کرتے ہو اور ظُلم کر کے اُن سے گیہُوں چِھین لیتے ہو اِس لِئے جو تراشے ہُوئے پتّھروں کے مکان تُم نے بنائے اُن میں نہ بسو گے اور جو نفِیس تاکِستان تُم نے لگائے اُن کی مَے نہ پِیو گے۔ 12کیونکہ مَیں تُمہاری بے شُمار خطاؤں اور تُمہارے بڑے بڑے گُناہوں سے آگاہ ہُوں۔ تُم صادِقوں کو ستاتے اور رِشوت لیتے ہو اور پھاٹک میں مِسکِینوں کی حق تلفی کرتے ہو۔ 13اِس لِئے اِن ایّام میں پیش بِین خاموش ہو رہیں گے کیونکہ یہ بُرا وقت ہے۔
14بدی کے نہیں بلکہ نیکی کے طالِب ہو تاکہ زِندہ رہو اور خُداوند ربُّ الافواج تُمہارے ساتھ رہے گا جَیسا کہ تُم کہتے ہو۔ 15بدی سے عداوت اور نیکی سے مُحبّت رکھّو اور پھاٹک میں عدالت کو قائِم کرو۔ شاید خُداوند ربُّ الافواج بنی یُوسفؔ کے بقِیّہ پر رحم کرے۔
16اِس لِئے خُداوند خُدا ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ سب بازاروں میں نَوحہ ہو گا اور سب گلِیوں میں افسوس افسوس! کہیں گے اور کِسانوں کو ماتم کے لِئے اور اُن کو جو نَوحہ گری میں مہارت رکھتے ہیں نَوحہ کے لِئے بُلائیں گے۔ 17اور سب تاکِستانوں میں ماتم ہو گا کیونکہ مَیں تُجھ میں سے ہو کر گُذرُوں گا خُداوند فرماتا ہے۔
18تُم پر افسوس جو خُداوند کے دِن کی آرزُو کرتے ہو! تُم خُداوند کے دِن کی آرزُو کیوں کرتے ہو؟ وہ تو تارِیکی کا دِن ہے۔ روشنی کا نہیں۔ 19جَیسے کوئی شیرِ بَبر سے بھاگے اور رِیچھ اُسے مِلے یا گھر میں جا کر اپنا ہاتھ دِیوار پر رکھّے اور اُسے سانپ کاٹ لے۔ 20کیا خُداوند کا دِن تارِیکی نہ ہو گا؟ اُس میں روشنی نہ ہو گی بلکہ سخت ظُلمت ہو گی اور نُور مُطلق نہ ہو گا۔
21مَیں تُمہاری عِیدوں کو مکرُوہ جانتا اور اُن سے نفرت رکھتا ہُوں اور مَیں تُمہاری مُقدّس محفِلوں سے بھی خُوش نہ ہُوں گا۔ 22اور اگرچہ تُم میرے حضُور سوختنی اور نذر کی قُربانِیاں گُذرانو گے تَو بھی مَیں اُن کو قبُول نہ کرُوں گا اور تُمہارے فربَہ جانوروں کی شُکرانہ کی قُربانیوں کو خاطِر میں نہ لاؤُں گا۔ 23تُو اپنے سرُود کا شور میرے حضُور سے دُور کر کیونکہ مَیں تیرے رباب کی آواز نہ سنُوں گا۔ 24لیکن عدالت کو پانی کی مانِند اور صداقت کو بڑی نہر کی مانِند جاری رکھ۔
25اَے بنی اِسرائیل کیا تُم چالِیس برس تک بیابان میں میرے حضُور ذبِیحے اور نذر کی قُربانِیاں گُذرانتے رہے؟ 26تُم تو مِلکُوؔم کا خَیمہ اور کِیوان کے بُت جو تُم نے اپنے لِئے بنائے اُٹھائے پِھرتے تھے۔ 27پس خُداوند جِس کا نام ربُّ الافواج ہے فرماتا ہے مَیں تُم کو دمِشق سے بھی آگے اسِیری میں بھیجُوں گا۔
بنی اِسرائیلؔ کی بربادی
1اُن پر افسوس جو صِیُّون میں باراحت اور کوہِستانِ سامرؔیہ میں بے فِکر ہیں یعنی رئِیسِ اقوام کے شُرفا جِن کے پاس بنی اِسرائیل آتے ہیں۔ 2تُم کلنہ تک جا کر دیکھو اور وہاں سے حماتِ اؔعظم تک سَیر کرو اور پِھر فلِستِیوں کے جات کو جاؤ۔ کیا وہ اِن مُملکتوں سے بِہتر ہیں؟ کیا اُن کی حدُود تُمہاری حدُود سے زِیادہ وسِیع ہیں؟ 3تُم جو بُرے دِن کا خیال مُلتوی کر کے ظُلم کی کُرسی نزدِیک کرتے ہو۔ 4جو ہاتھی دانت کے پلنگ پر لیٹتے اور چارپائیوں پر دراز ہوتے اور گلّہ میں سے برّوں کو اور طویلہ میں سے بچھڑوں کو لے کر کھاتے ہو۔ 5اور رباب کی آواز کے ساتھ گاتے اور اپنے لِئے داؤُد کی طرح مُوسِیقی کے ساز اِیجاد کرتے ہو۔ 6جو پیالوں میں سے مَے پِیتے اور اپنے بدن پر بِہترین عِطر ملتے ہو لیکن یُوسفؔ کی شِکستہ حالی سے غمگِین نہیں ہوتے۔ 7اِس لِئے وہ پہلے اسِیروں کے ساتھ اسِیر ہو کر جائیں گے اور اُن کی عَیش و نِشاط کا خاتِمہ ہو جائے گا۔
8خُداوند خُدا نے اپنی ذات کی قَسم کھائی ہے خُداوند ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ مَیں یعقُوبؔ کی حشمت سے نفرت رکھتا ہُوں اور اُس کے قصروں سے مُجھے عداوت ہے۔ اِس لِئے مَیں شہر کو اُس کی ساری معمُوری سمیت حوالہ کر دُوں گا۔
9بلکہ یُوں ہو گا کہ اگر کِسی گھر میں دَس آدمی باقی ہوں گے تو وہ بھی مَر جائیں گے۔ 10اور جب کِسی کا رِشتہ دار جو اُس کو جلاتا ہے اُسے اُٹھائے گا تاکہ اُس کی ہڈِّیوں کو گھر سے نِکالے اور اُس سے جو گھر کے اندر ہے پُوچھے گا کیا کوئی اَور تیرے ساتھ ہے؟
تو وہ جواب دے گا کوئی نہیں۔
تب وہ کہے گا چُپ رہ۔ اَیسا نہ ہو کہ ہم خُداوند کے نام کا ذِکر کریں۔
11کیونکہ دیکھ خُداوند نے حُکم دے دِیا ہے اور بڑے بڑے گھر رخنوں سے اور چھوٹے شِگافوں سے برباد ہوں گے۔ 12کیا چٹانوں پر گھوڑے دَوڑیں گے یا کوئی بَیلوں سے وہاں ہل چلائے گا؟ تَو بھی تُم نے عدالت کو اِندراین اور ثمرۂِ صداقت کو ناگدَونا بنا رکھّا ہے۔
13تُم بے حقِیقت چِیزوں پر فخر کرتے اور کہتے ہو کیا ہم نے اپنے لِئے اپنی طاقت سے سِینگ نہیں نِکالے؟
14لیکن خُداوند ربُّ الافواج فرماتا ہے اَے بنی اِسرائیل دیکھو مَیں تُم پر ایک قَوم کو چڑھا لاؤں گا اور وہ تُم کو حمات کے مدخل سے وادیِ عرؔبہ تک پریشان کرے گی۔
ٹڈِّیوں کی رویا
1خُداوند خُدا نے مُجھے رویا دِکھائی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ اُس نے زراعت کی آخِری روئِیدگی کی اِبتدا میں ٹِڈّیاں پَیدا کِیں اور دیکھو یہ شاہی کٹائی کے بعد آخِری روئِیدگی تھی۔ 2اور جب وہ زمِین کی گھاس کو بِالکُل کھا چُکِیں تو مَیں نے عرض کی کہ اَے خُداوند خُدا مِہربانی سے مُعاف فرما۔ یعقُوبؔ کی کیا حقِیقت ہے کہ وہ قائِم رہ سکے؟ کیونکہ وہ چھوٹا ہے۔
3خُداوند اِس سے باز آیا اور اُس نے فرمایا کہ یُوں نہ ہو گا۔
آگ کی رویا
4پِھر خُداوند خُدا نے مُجھے رویا دِکھائی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ خُداوند خُدا نے آگ کو بُلایا کہ مُقابلہ کرے اور وہ بحرِ عمِیق کو نِگل گئی اور نزدِیک تھا کہ زمِین کو کھا جائے۔ 5تب مَیں نے عرض کی کہ اَے خُداوند خُدا مِہربانی سے باز آ! یعقُوبؔ کی کیا حقِیقت ہے کہ وہ قائِم رہ سکے کیونکہ وہ چھوٹا ہے۔
6خُداوند اِس سے باز آیا اور خُداوند خُدا نے فرمایا کہ یُوں بھی نہ ہو گا۔
ساہُول کی رویا
7پِھر اُس نے مُجھے رویا دِکھائی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ خُداوند ایک دِیوار پر جو ساہُول سے بنائی گئی تھی کھڑا ہے اور ساہُول اُس کے ہاتھ میں ہے۔ 8اور خُداوند نے مُجھے فرمایا کہ اَے عامُوؔس تُو کیا دیکھتا ہے؟
مَیں نے عرض کی کہ ساہُول۔
تب خُداوند نے فرمایا دیکھ مَیں اپنی قَوم اِسرائیل میں ساہُول لٹکاؤُں گا اور مَیں پِھر اُن سے درگُذر نہ کرُوں گا۔ 9اور اِضحاق کے اُونچے مقام برباد ہوں گے اور اِسرائیل کے مَقدِس وِیران ہو جائیں گے اور مَیں یُربعاؔم کے گھرانے کے خِلاف تلوار لے کر اُٹُھوں گا۔
اِمصیاہ کاہِن اور عامُوس
10تب بَیت ایل کے کاہِن امِصیاؔہ نے شاہِ اِسرائیل یُربعاؔم کو کہلا بھیجا کہ عامُوؔس نے تیرے خِلاف بنی اِسرائیل میں فِتنہ برپا کِیا ہے اور مُلک میں اُس کی باتوں کی برداشت نہیں۔ 11کیونکہ عامُوؔس یُوں کہتا ہے کہ یُربعاؔم تلوار سے مارا جائے گا اور اِسرائیل یقِیناً اپنے وطن سے اسِیر ہو کر جائے گا۔
12اور امِصیاؔہ نے عامُوؔس سے کہا اَے غَیب گو تُو یہُوداؔہ کے مُلک کو بھاگ جا۔ وہِیں کھا پی اور نبُوّت کر۔ 13پر بَیت ایل میں پِھر کبھی نبُوّت نہ کرنا کیونکہ یہ بادشاہ کا مَقدِس اور شاہی محلّ ہے۔
14تب عامُوؔس نے امِصیاؔہ کو جواب دِیا کہ مَیں نہ نبی ہُوں نہ نبی کا بیٹا بلکہ چرواہا اور گُولر کا پَھل بٹورنے والا ہُوں۔ 15اور جب مَیں گلّہ کے پِیچھے پِیچھے جاتا تھا تو خُداوند نے مُجھے لِیا اور فرمایا کہ جا میری قَوم اِسرائیل سے نبُوّت کر۔ 16پس اب تُو خُداوند کا کلام سُن۔ تُو کہتا ہے کہ اِسرائیل کے خِلاف نبُوّت اور اِضحاق کے گھرانے کے خِلاف کلام نہ کر۔ 17اِس لِئے خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تیری بِیوی شہر میں کسبی بنے گی اور تیرے بیٹے اور تیری بیٹیاں تلوار سے مارے جائیں گے اور تیری زمِین جرِیب سے تقسِیم کی جائے گی اور تُو ایک ناپاک مُلک میں مَرے گا اور اِسرائیل یقِیناً اپنے وطن سے اسِیر ہو کر جائے گا۔
پَھلوں کی ٹوکری کی رویا
1خُداوند خُدا نے مُجھے رویا دِکھائی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ تابِستانی میووں کی ٹوکری ہے۔ 2اور اُس نے فرمایا اَے عامُوؔس تُو کیا دیکھتا ہے؟
مَیں نے عرض کی کہ تابِستانی میووں کی ٹوکری۔
تب خُداوند نے مُجھے فرمایا کہ میری قَوم اِسرائیل کا وقت آ پُہنچا ہے۔ اب مَیں اُس سے درگُذر نہ کرُوں گا۔ 3اور اُس وقت مَقدِس کے نغمے نَوحے ہو جائیں گے خُداوند خُدا فرماتا ہے۔ بُہت سی لاشیں پڑی ہوں گی۔ وہ چُپکے چُپکے اُن کو ہر جگہ نِکال پھینکیں گے۔
بنی اِسرائیل کا حَشر
4تُم جو چاہتے ہو کہ مُحتاجوں کو نِگل جاؤ اور مِسکِینوں کو مُلک سے نیست کرو۔ 5اور ایفہ کو چھوٹا اور مِثقال کو بڑا بناتے اور فریب کی ترازُو سے دغابازی کرتے اور کہتے ہو کہ نئے چاند کا دِن کب گُذرے گا تاکہ ہم غلّہ بیچیں اور سبت کا دِن کب ختم ہو گا کہ گیہُوں کے کھتّے کھولیں؟ 6تاکہ مِسکِین کو رُوپیہ سے اور مُحتاج کو ایک جوڑی جُوتیوں سے خرِیدیں اور گیہُوں کی پھٹکن بیچیں یہ بات سُنو!
7خُداوند نے یعقُوبؔ کی حشمت کی قَسم کھا کر فرمایا ہے مَیں اُن کے کاموں میں سے ایک کو بھی ہرگِز نہ بُھولُوں گا۔ 8کیا اِس سبب سے زمِین نہ تھرتھرائے گی اور اُس کا ہر ایک باشِندہ ماتم نہ کرے گا؟ ہاں وہ بِالکُل دریایِ نِیل کی طرح اُٹھے گی اور رودِ مِصرؔ کی طرح پَھیل کر پِھر سُکڑ جائے گی۔ 9اور خُداوند خُدا فرماتا ہے اُس روز آفتاب دوپہر ہی کو غرُوب ہو جائے گا اور مَیں روزِ روشن ہی میں زمِین کو تارِیک کر دُوں گا۔ 10تُمہاری عِیدوں کو ماتم سے اور تُمہارے نغموں کو نَوحوں سے بدل دُوں گا اور ہر ایک کی کمر پر ٹاٹ بندھواؤُں گا اور ہر ایک کے سر پر چندلاپن بھیجُوں گا اور اَیسا ماتم برپا کرُوں گا جَیسا اِکلوتے بیٹے پر ہوتا ہے اور اُس کا انجام روزِ تلخ سا ہو گا۔
11خُداوند خُدا فرماتا ہے دیکھو وہ دِن آتے ہیں کہ مَیں اِس مُلک میں قحط ڈالُوں گا۔ نہ پانی کی پِیاس اور نہ روٹی کا قحط بلکہ خُداوند کا کلام سُننے کا۔ 12تب لوگ سمُندر سے سمُندر تک اور شِمال سے مشرِق تک بھٹکتے پِھریں گے اور خُداوند کے کلام کی تلاش میں اِدھر اُدھر دَوڑیں گے لیکن کہِیں نہ پائیں گے۔ 13اور اُس روز حسِین کُنواریاں اور جوان مَرد پِیاس سے بیتاب ہو جائیں گے۔ 14جو سامرؔیہ کے بُت کی قَسم کھاتے ہیں اور کہتے ہیں اَے دان تیرے معبُود کی قَسم اور بِیرسبع کے طرِیق کی قَسم وہ گِر جائیں گے اور پِھر ہرگِز نہ اُٹھیں گے۔
خُداوند کا قہر و غضب
1مَیں نے خُداوند کو مذبح کے پاس کھڑے دیکھا اور اُس نے فرمایا سُتُونوں کے سر پر مار تاکہ آستانے ہِل جائیں اور اُن سب کے سروں پر اُن کو پارہ پارہ کر دے اور اُن کے بقِیّہ کو مَیں تلوار سے قتل کرُوں گا۔ اُن میں سے ایک بھی بھاگ نہ سکے گا۔ اُن میں سے ایک بھی بچ نہ نِکلے گا۔ 2اگر وہ پاتال میں گُھس جائیں تو میرا ہاتھ وہاں سے اُن کو کھینچ نِکالے گا اور اگر آسمان پر چڑھ جائیں تو مَیں وہاں سے اُن کو اُتار لاؤُں گا۔ 3اگر وہ کوہِ کَرمِل کی چوٹی پر جا چِھپیں تو مَیں اُن کو وہاں سے ڈُھونڈ نِکالُوں گا اور اگر سمُندر کی تہ میں میری نظر سے غائِب ہو جائیں تو مَیں وہاں سانپ کو حُکم کرُوں گا اور وہ اُن کو کاٹے گا۔ 4اور اگر دُشمن اُن کو اسِیر کر کے لے جائیں تو وہاں تلوار کو حُکم کرُوں گا اور وہ اُن کو قتل کرے گی اور مَیں اُن کی بھلائی کے لِئے نہیں بلکہ بُرائی کے لِئے اُن پر نِگاہ رکُھّوں گا۔
5کیونکہ خُداوند ربُّ الافواج وہ ہے کہ اگر زمِین
کو چُھو دے
تو وہ گُداز ہو جائے
اور اُس کی سب معمُوری ماتم کرے۔
وہ بِالکُل دریایِ نِیل کی طرح اُٹھے اور رودِ مِصرؔ
کی طرح پِھر سُکڑ جائے۔
6وُہی آسمان پر اپنے بالاخانے تعمِیر کرتا ہے۔
اُسی نے زمِین پر اپنے گُنبد کی بُنیاد رکھّی ہے۔
وہ سمُندر کے پانی کو بُلا کر
رُویِ زمِین پر پَھیلا دیتا ہے۔
اُسی کا نام خُداوند ہے۔
7خُداوند فرماتا ہے اَے بنی اِسرائیل! کیا تُم میرے لِئے اہِلِ کُوش کی اَولاد کی مانِند نہیں ہو؟ کیا مَیں اِسرائیل کو مُلکِ مِصرؔ سے اور فلِستِیوں کو کفتُور سے اور ارامیوں کو قِیر سے نہیں نِکال لایا ہُوں؟ 8دیکھو خُداوند خُدا کی آنکھیں اِس گُنہگار مُملکت پر لگی ہیں۔ خُداوند فرماتا ہے مَیں اُسے رُویِ زمِین سے نیست و نابُود کر دُوں گا مگر یعقوُؔب کے گھرانے کو بِالکُل نابُود نہ کرُوں گا۔
9کیونکہ دیکھو مَیں حُکم کرُوں گا اور بنی اِسرائیل کو سب قَوموں میں جَیسے چھلنی سے چھانتے ہیں چھانُوں گا اور ایک دانہ بھی زمِین پر گِرنے نہ پائے گا۔ 10میری اُمّت کے سب گُنہگار لوگ جو کہتے ہیں کہ ہم پر نہ پِیچھے سے آفت آئے گی اور نہ آگے سے تلوار سے مارے جائیں گے۔
مُستقبِل میں اِسرائیلؔ کی بحالی
11مَیں اُس روز داؤُد کے گِرے ہُوئے مسکن کو کھڑا کر کے اُس کے رخنوں کو بند کرُوں گا اور اُس کے کھنڈر کی مرمّت کر کے اُسے پہلے کی طرح تعمِیر کرُوں گا۔ 12تاکہ وہ ادُوؔم کے بقِیّہ اور اُن سب قَوموں پر جو میرے نام سے کہلاتی ہیں قابِض ہوں اِس کو وقُوع میں لانے والا خُداوند فرماتا ہے۔
13دیکھو وہ دِن آتے ہیں خُداوند فرماتا ہے کہ
جوتنے والا کاٹنے والے کو
اور انگُور کُچلنے والا بونے والے کو جا لے گا
اور پہاڑوں سے نئی مَے ٹپکے گی اور
سب ٹِیلے گُداز ہوں گے۔
14اور مَیں بنی اِسرائیل اپنے لوگوں کو اسِیری سے
واپس لاؤُں گا۔
وہ اُجڑے شہروں کو تعمِیر کر کے اُن میں بُود و باش
کریں گے
اور تاکِستان لگا کر اُن کی مَے پِئیں گے۔
وہ باغ لگائیں گے اور اُن کے پَھل کھائیں گے۔
15کیونکہ مَیں اُن کو اُن کے مُلک میں قائِم کرُوں گا
اور وہ پِھر کبھی اپنے وطن سے
جو مَیں نے اُن کو بخشا ہے
نِکالے نہ جائیں گے
خُداوند تیرا خُدا فرماتا ہے۔