Calvary Pentecostal Theological Seminary Pakistan

Urdu Bible

Home Churches Seminary The Bible Books Prayer Request About Us Contact Us

کُلسِّیوں


تمہید
1پَولُس کی طرف سے جو خُدا کی مرضی سے مسِیح یِسُوعؔ کا رسُول ہے اور بھائی تِیمُتِھیُس کی طرف سے۔
2مسِیح میں اُن مُقدّس اور اِیمان دار بھائِیوں کے نام جو کُلُسّے میں ہیں
ہمارے باپ خُدا کی طرف سے تُمہیں فضل اور اِطمِینان حاصِل ہوتا رہے۔
شُکرگُزاری کی دُعا
3ہم تُمہارے حق میں ہمیشہ دُعا کر کے اپنے خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کے باپ یعنی خُدا کا شُکر کرتے ہیں۔ 4کیونکہ ہم نے سُنا ہے کہ مسِیح یِسُوع پر تُمہارا اِیمان ہے اور سب مُقدّس لوگوں سے مُحبّت رکھتے ہو۔ 5اُس اُمّید کی ہُوئی چِیز کے سبب سے جو تُمہارے واسطے آسمان پر رکھّی ہُوئی ہے جِس کا ذِکر تُم اُس خُوشخبری کے کلامِ حق میں سُن چُکے ہو۔ 6جو تُمہارے پاس پُہنچی ہے جَیسے سارے جہان میں بھی پَھل دیتی اور ترقّی کرتی جاتی ہے۔ چُنانچہ جِس دِن سے تُم نے اُس کو سُنا اور خُدا کے فضل کو سچّے طَور پر پہچانا تُم میں بھی اَیسا ہی کرتی ہے۔ 7اُسی کی تعلِیم تُم نے ہمارے عزِیز ہم خِدمت اِپَفراس سے پائی جو ہمارے لِئے مسِیح کا دِیانت دار خادِم ہے۔ 8اُسی نے تُمہاری مُحبّت کو جو رُوح میں ہے ہم پر ظاہِر کِیا۔
9اِسی لِئے جِس دِن سے یہ سُنا ہے ہم بھی تُمہارے واسطے یہ دُعا کرنے اور درخواست کرنے سے باز نہیں آتے کہ تُم کمال رُوحانی حِکمت اور سمجھ کے ساتھ اُس کی مرضی کے عِلم سے معمُور ہو جاؤ۔ 10تاکہ تُمہارا چال چلن خُداوند کے لائِق ہو اور اُس کو ہر طرح سے پسند آئے اور تُم میں ہر طرح کے نیک کام کا پَھل لگے اور خُدا کی پہچان میں بڑھتے جاؤ۔ 11اور اُس کے جلال کی قُدرت کے مُوافِق ہر طرح کی قُوّت سے قَوی ہوتے جاؤ تاکہ خُوشی کے ساتھ ہر صُورت سے صبر اور تحمُّل کر سکو۔ 12اور باپ کا شُکر کرتے رہو جِس نے ہم کو اِس لائق کِیا کہ نُور میں مُقدّسوں کے ساتھ مِیراث کا حِصّہ پائیں۔ 13اُسی نے ہم کو تارِیکی کے قبضہ سے چُھڑا کر اپنے عزِیز بیٹے کی بادشاہی میں داخِل کِیا۔ 14جِس میں ہم کو مخلصی یعنی گُناہوں کی مُعافی حاصِل ہے۔
مسِیح کی ذات اور کام
15وہ اَن دیکھے خُدا کی صُورت اور تمام مخلُوقات سے پہلے مَولُود ہے۔ 16کیونکہ اُسی میں سب چِیزیں پَیدا کی گئِیں۔ آسمان کی ہوں یا زمِین کی۔ دیکھی ہوں یا اَن دیکھی۔ تخت ہوں یا رِیاستیں یا حُکُومتیں یا اِختیارات۔ سب چِیزیں اُسی کے وسِیلہ سے اور اُسی کے واسطے پَیدا ہُوئی ہیں۔ 17اور وہ سب چِیزوں سے پہلے ہے اور اُسی میں سب چِیزیں قائِم رہتی ہیں۔ 18اور وُہی بدن یعنی کلِیسیا کا سر ہے۔ وُہی اِبتدا ہے اور مُردوں میں سے جی اُٹھنے والوں میں پہلوٹھا تاکہ سب باتوں میں اُس کا اَوّل درجہ ہو۔ 19کیونکہ باپ کو یہ پسند آیا کہ ساری معمُوری اُسی میں سکُونت کرے۔ 20اور اُس کے خُون کے سبب سے جو صلِیب پر بہا صُلح کر کے سب چِیزوں کا اُسی کے وسِیلہ سے اپنے ساتھ میل کر لے۔ خَواہ وہ زمِین کی ہوں خَواہ آسمان کی۔
21اور اُس نے اب اُس کے جِسمانی بدن میں مَوت کے وسِیلہ سے تُمہارا بھی میل کر لِیا۔ 22جو پہلے خارِج اور بُرے کاموں کے سبب سے دِل سے دُشمن تھے تاکہ وہ تُم کو مُقدّس بے عَیب اور بے اِلزام بنا کر اپنے سامنے حاضِر کرے۔ 23بشرطیکہ تُم اِیمان کی بُنیاد پر قائِم اور پُختہ رہو اور اُس خُوشخبری کی اُمّید کو جِسے تُم نے سُنا نہ چھوڑو جِس کی مُنادی آسمان کے نِیچے کی تمام مخلُوقات میں کی گئی اور مَیں پَولُس اُسی کا خادِم بنا۔
مسِیح کے خادِم کی حَیثِیّت سے پَولُس کا کام
24اب مَیں اُن دُکھوں کے سبب سے خُوش ہُوں جو تُمہاری خاطِر اُٹھاتا ہُوں اور مسِیح کی مُصِیبتوں کی کمی اُس کے بدن یعنی کلِیسیا کی خاطِر اپنے جِسم میں پُوری کِئے دیتا ہُوں۔ 25جِس کا مَیں خُدا کے اُس اِنتِظام کے مُطابِق خادِم بنا جو تُمہارے واسطے میرے سپُرد ہُؤا تاکہ مَیں خُدا کے کلام کی پُوری پُوری مُنادی کرُوں۔ 26یعنی اُس بھید کی جو تمام زمانوں اور پُشتوں سے پَوشِیدہ رہا لیکن اب اُس کے اُن مُقدّسوں پر ظاہِر ہُؤا۔ 27جِن پر خُدا نے ظاہِر کرنا چاہا کہ غَیر قَوموں میں اُس بھید کے جلال کی دَولت کَیسی کُچھ ہے اور وہ یہ ہے کہ مسِیح جو جلال کی اُمّید ہے تُم میں رہتا ہے۔ 28جِس کی مُنادی کر کے ہم ہر ایک شخص کو نصِیحت کرتے اور ہر ایک کو کمال دانائی سے تعلِیم دیتے ہیں تاکہ ہم ہر شخص کو مسِیح میں کامِل کر کے پیش کریں۔ 29اور اِسی لِئے مَیں اُس کی اُس قُوّت کے مُوافِق جانفشانی سے مِحنت کرتا ہُوں جو مُجھ میں زور سے اثر کرتی ہے۔
1مَیں چاہتا ہُوں تُم جان لو کہ تُمہارے اور لَودِیکیہ والوں اور اُن سب کے لِئے جِنہوں نے میری جِسمانی صُورت نہیں دیکھی کیا ہی جانفشانی کرتا ہُوں۔ 2تاکہ اُن کے دِلوں کو تسلّی ہو اور وہ مُحبّت سے آپس میں گٹھے رہیں اور پُوری سمجھ کی تمام دَولت کو حاصِل کریں اور خُدا کے بھید یعنی مسِیح کو پہچانیں۔ 3جِس میں حِکمت اور معرفت کے سب خَزانے پَوشِیدہ ہیں۔
4یہ مَیں اِس لِئے کہتا ہُوں کہ کوئی آدمی لُبھانے والی باتوں سے تُمہیں دھوکا نہ دے۔ 5کیونکہ مَیں گو جِسم کے اِعتبار سے دُور ہُوں مگر رُوح کے اِعتبار سے تُمہارے پاس ہُوں اور تُمہاری باقاعِدہ حالت اور تُمہارے اِیمان کی جو مسِیح پر ہے مضبُوطی دیکھ کر خُوش ہوتا ہُوں۔
مسِیح کے وسِیلہ سے زِندگی کی کاملِیت
6پس جِس طرح تُم نے مسِیح یِسُوعؔ خُداوند کو قبُول کِیا اُسی طرح اُس میں چلتے رہو۔ 7اور اُس میں جَڑ پکڑتے اور تعمِیر ہوتے جاؤ اور جِس طرح تُم نے تعلِیم پائی اُسی طرح اِیمان میں مضبُوط رہو اور خُوب شُکرگُذاری کِیا کرو۔
8خبردار کوئی شخص تُم کو اُس فَیلسُوفی اور لاحاصِل فریب سے شِکار نہ کر لے جو اِنسانوں کی روایت اور دُنیوی اِبتدائی باتوں کے مُوافِق ہیں نہ کہ مسِیح کے مُوافِق۔ 9کیونکہ اُلُوہِیّت کی ساری معمُوری اُسی میں مُجسّم ہو کر سکُونت کرتی ہے۔ 10اور تُم اُسی میں معمُور ہو گئے ہو جو ساری حُکُومت اور اِختیار کا سر ہے۔
11اُسی میں تُمہارا اَیسا خَتنہ ہُؤا جو ہاتھ سے نہیں ہوتا یعنی مسِیح کا خَتنہ جِس سے جِسمانی بدن اُتارا جاتا ہے۔ 12اور اُسی کے ساتھ بپتِسمہ میں دفن ہُوئے اور اِس میں خُدا کی قُوّت پر اِیمان لا کر جِس نے اُسے مُردوں میں سے جِلایا اُس کے ساتھ جی بھی اُٹھے۔ 13اور اُس نے تُمہیں بھی جو اپنے قصُوروں اور جِسم کی نامختُونی کے سبب سے مُردہ تھے اُس کے ساتھ زِندہ کِیا اور ہمارے سب قصُور مُعاف کِئے۔ 14اور حُکموں کی وہ دستاوِیز مِٹا ڈالی جو ہمارے نام پر اور ہمارے خِلاف تھی اور اُس کو صلِیب پر کِیلوں سے جَڑ کر سامنے سے ہٹا دِیا۔ 15اُس نے حُکُومتوں اور اِختیاروں کو اپنے اُوپر سے اُتار کر اُن کا برملا تماشا بنایا اور صلِیب کے سبب سے اُن پر فتح یابی کا شادِیانہ بجایا۔
16پس کھانے پِینے یا عِید یا نئے چاند یا سَبت کی بابت کوئی تُم پر اِلزام نہ لگائے۔ 17کیونکہ یہ آنے والی چِیزوں کا سایہ ہیں مگر اصل چِیزیں مسِیح کی ہیں۔ 18کوئی شخص خاکساری اور فرِشتوں کی عِبادت پسند کر کے تُمہیں دَوڑ کے اِنعام سے محرُوم نہ رکھّے۔ اَیسا شخص اپنی جِسمانی عقل پر بے فائِدہ پُھول کر دیکھی ہُوئی چِیزوں میں مصرُوف رہتا ہے۔ 19اور اُس سر کو پکڑے نہیں رہتا جِس سے سارا بدن جوڑوں اور پٹھّوں کے وسِیلہ سے پروَرِش پا کر اور باہم پَیوستہ ہو کر خُدا کی طرف سے بڑھتا جاتا ہے۔
مسِیح کے ساتھ جِینا اور مَرنا
20جب تُم مسِیح کے ساتھ دُنیَوی اِبتدائی باتوں کی طرف سے مَر گئے تو پِھر اُن کی مانِند جو دُنیا میں زِندگی گُذارتے ہیں اِنسانی احکام اور تعلِیم کے مُوافِق اَیسے قاعِدوں کے کیوں پابند ہوتے ہو۔ 21کہ اِسے نہ چُھونا۔ اُسے نہ چکھنا۔ اُسے ہاتھ نہ لگانا۔ 22(کیونکہ یہ سب چِیزیں کام میں لاتے لاتے فنا ہو جائیں گی)؟ 23اِن باتوں میں اپنی اِیجاد کی ہُوئی عِبادت اور خاکساری اور جِسمانی رِیاضت کے اِعتبار سے حِکمت کی صُورت تو ہے مگر جِسمانی خواہِشوں کے روکنے میں اِن سے کُچھ فائِدہ نہیں ہوتا۔
1پس جب تُم مسِیح کے ساتھ جِلائے گئے تو عالَمِ بالا کی چِیزوں کی تلاش میں رہو جہاں مسِیح مَوجُود ہے اور خُدا کی دہنی طرف بَیٹھا ہے۔ 2عالَمِ بالا کی چِیزوں کے خیال میں رہو نہ کہ زمِین پر کی چِیزوں کے۔ 3کیونکہ تُم مَر گئے اور تُمہاری زِندگی مسِیح کے ساتھ خُدا میں پَوشِیدہ ہے۔ 4جب مسِیح جو ہماری زِندگی ہے ظاہِر کِیا جائے گا تو تُم بھی اُس کے ساتھ جلال میں ظاہِر کِئے جاؤ گے۔
پُرانی زِندگی اور نئی زِندگی
5پس اپنے اُن اعضا کو مُردہ کرو جو زمِین پر ہیں یعنی حرام کاری اور ناپاکی اور شہوَت اور بُری خواہِش اور لالچ کو جو بُت پرستی کے برابر ہے۔ 6کہ اُن ہی کے سبب سے خُدا کا غضب نافرمانی کے فرزندوں پر نازِل ہوتا ہے۔ 7اور تُم بھی جِس وقت اُن باتوں میں زِندگی گُذارتے تھے اُس وقت اُن ہی پر چلتے تھے۔
8لیکن اب تُم بھی اِن سب کو یعنی غُصّہ اور قہر اور بدخَواہی اور بدگوئی اور مُنہ سے گالی بکنا چھوڑ دو۔ 9ایک دُوسرے سے جُھوٹ نہ بولو کیونکہ تُم نے پُرانی اِنسانِیّت کو اُس کے کاموں سمیت اُتار ڈالا۔ 10اور نئی اِنسانِیّت کو پہن لِیا ہے جو معرفت حاصِل کرنے کے لِئے اپنے خالِق کی صُورت پر نئی بنتی جاتی ہے۔ 11وہاں نہ یُونانی رہا نہ یہُودی۔ نہ خَتنہ نہ نامختُونی۔ نہ وحشی نہ سکُوتی۔ نہ غُلام نہ آزاد۔ صِرف مسِیح سب کُچھ اور سب میں ہے۔
12پس خُدا کے برگُزِیدوں کی طرح جو پاک اور عزِیز ہیں دَردمَندی اور مِہربانی اور فروتنی اور حِلم اور تحُّمل کا لِباس پہنو۔ 13اگر کِسی کو دُوسرے کی شکایت ہو تو ایک دُوسرے کی برداشت کرے اور ایک دُوسرے کے قصُور مُعاف کرے۔ جَیسے خُداوند نے تُمہارے قصُور مُعاف کِئے وَیسے ہی تُم بھی کرو۔ 14اور اِن سب کے اُوپر مُحبّت کو جو کمال کا پٹکا ہے باندھ لو۔ 15اور مسِیح کا اِطمِینان جِس کے لِئے تُم ایک بدن ہو کر بُلائے بھی گئے ہو تُمہارے دِلوں پر حُکُومت کرے اور تُم شُکر گُذار رہو۔ 16مسِیح کے کلام کو اپنے دِلوں میں کثرت سے بسنے دو اور کمال دانائی سے آپس میں تعلِیم اور نصِیحت کرو اور اپنے دِلوں میں فضل کے ساتھ خُدا کے لِئے مزامِیر اور گِیت اور رُوحانی غزلیں گاؤ۔ 17اور کلام یا کام جو کُچھ کرتے ہو وہ سب خُداوند یِسُوعؔ کے نام سے کرو اور اُسی کے وسِیلہ سے خُدا باپ کا شُکر بجا لاؤ۔
نئی زِندگی میں شخصی تعلُقات
18اَے بِیویو! جَیسا خُداوند میں مُناسِب ہے اپنے شَوہروں کے تابِع رہو۔
19اَے شَوہرو! اپنی بِیویوں سے مُحبّت رکھّو اور اُن سے تلخ مِزاجی نہ کرو۔
20اَے فرزندو! ہر بات میں اپنے ماں باپ کے فرمانبردار رہو کیونکہ یہ خُداوند میں پسندِیدہ ہے۔
21اَے اَولاد والو! اپنے فرزندوں کو دِق نہ کرو تاکہ وہ بے دِل نہ ہو جائیں۔
22اَے نَوکرو! جو جِسم کے رُو سے تُمہارے مالِک ہیں سب باتوں میں اُن کے فرمانبردار رہو۔ آدمِیوں کو خُوش کرنے والوں کی طرح دِکھاوے کے لِئے نہیں بلکہ صاف دِلی اور خُدا کے خَوف سے۔ 23جو کام کرو جی سے کرو۔ یہ جان کر کہ خُداوند کے لِئے کرتے ہو نہ کہ آدمِیوں کے لِئے۔ 24کیونکہ تُم جانتے ہو کہ خُداوند کی طرف سے اِس کے بدلہ میں تُم کو مِیراث مِلے گی۔ تُم خُداوند مسِیح کی خِدمت کرتے ہو۔ 25کیونکہ جو بُرا کرتا ہے وہ اپنی بُرائی کا بدلہ پائے گا۔ وہاں کِسی کی طرف داری نہیں۔
1اَے مالِکو! اپنے نَوکروں کے ساتھ یہ جان کر عدل و اِنصاف کرو کہ آسمان پر تُمہارا بھی ایک مالِک ہے۔
ہدایات
2دُعا کرنے میں مشغُول اور شُکرگُذاری کے ساتھ اُس میں بیدار رہو۔ 3اور ساتھ ساتھ ہمارے لِئے بھی دُعا کِیا کرو کہ خُدا ہم پر کلام کا دروازہ کھولے تاکہ مَیں مسِیح کے اُس بھید کو بیان کر سکُوں جِس کے سبب سے قَید بھی ہُوں۔ 4اور اُسے اَیسا ظاہِر کرُوں جَیسا مُجھے کرنا لازِم ہے۔
5وقت کو غنِیمت جان کر باہر والوں کے ساتھ ہوشیاری سے برتاؤ کرو۔ 6تُمہارا کلام ہمیشہ اَیسا پُر فضل اور نمکِین ہو کہ تُمہیں ہر شخص کو مُناسِب جواب دینا آ جائے۔
اِختتامیہ سلام
7پِیارا بھائی اور دِیانت دار خادِم تُخِکس جو خُداوند میں ہم خِدمت ہے میرا سارا حال تُمہیں بتا دے گا۔ 8اُسے مَیں نے اِسی لِئے تُمہارے پاس بھیجا ہے کہ تُم ہماری حالت سے واقِف ہو جاؤ اور وہ تُمہارے دِلوں کو تسلّی دے۔ 9اور اُس کے ساتھ اُنیسِمُس کو بھی بھیجا ہے جو دِیانت دار اور پِیارا بھائی اور تُم میں سے ہے۔ یہ تُمہیں یہاں کی سب باتیں بتا دیں گے۔
10اِرِسترؔخُس جو میرے ساتھ قَید ہے تُم کو سلام کہتا ہے اور برنباؔس کا رِشتہ کا بھائی مرقس (جِس کی بابت تُمہیں حُکم مِلے تھے اگر وہ تُمہارے پاس آئے تو اُس سے اچھّی طرح مِلنا)۔ 11اور یِسُوعؔ جو یُوستُس کہلاتا ہے مختُونوں میں سے صِرف یہی خُدا کی بادشاہی کے لِئے میرے ہم خِدمت اور میری تسلّی کا باعِث رہے ہیں۔
12اِپَفراس جو تُم میں سے ہے اور مسِیح یِسُوعؔ کا بندہ ہے تُمہیں سلام کہتا ہے۔ وہ تُمہارے لِئے دُعا کرنے میں ہمیشہ جانفشانی کرتا ہے تاکہ تُم کامِل ہو کر پُورے اِعتقاد کے ساتھ خُدا کی پُوری مرضی پر قائِم رہو۔ 13مَیں اُس کا گواہ ہُوں کہ وہ تُمہارے اور لَودِیکیہ اور ہِیراپُلس کے لوگوں کے واسطے بڑی کوشِش کرتا ہے۔ 14پِیارا طبِیب لُوقا اور دیماؔس تُمہیں سلام کہتے ہیں۔
15لَودیکیہ میں کے بھائِیوں اور نُمفاس اور اُن کے گھر کی کلِیسیا سے سلام کہنا۔ 16اور جب یہ خَط تُم میں پڑھ لِیا جائے تو اَیسا کرنا کہ لَودیکیہ کی کلِیسیا میں بھی پڑھا جائے اور اُس خَط کو جو لَودِیکیہ سے آئے تُم بھی پڑھنا۔ 17اور ارخِپُّس سے کہنا کہ جو خِدمت خُداوند میں تیرے سپُرد ہُوئی ہے اُسے ہوشیاری کے ساتھ انجام دے۔
18مَیں پَولُس اپنے ہاتھ سے سلام لِکھتا ہُوں۔ میری زنجِیروں کو یاد رکھنا۔
تُم پر فضل ہوتا رہے۔