Calvary Pentecostal Theological Seminary Pakistan

Urdu Bible

Home Churches Seminary The Bible Books Prayer Request About Us Contact Us

اِستِثنا


مُوسیٰؔ کا پہلا خطاب
1یہ وُہی باتیں ہیں جو مُوسیٰؔ نے یَردِنؔ کے اُس پار بیابان میں یعنی اُس مَیدان میں جو سُوفؔ کے مُقابِل اور فارانؔ اور طوفلؔ اور لابنؔ اور حصِیراتؔ اور دِیذہبؔ کے درمِیان ہے سب اِسرائیلِیوں سے کہِیں۔ 2کوہِ شعیرؔ کی راہ سے حورِبؔ سے قادِسؔ بَرنِیعَؔ تک گیارہ دِن کی منزل ہے۔ 3اور چالِیسویں برس کے گیارھویں مہِینے کی پہلی تارِیخ کو مُوسیٰؔ نے اُن سب احکام کے مُطابِق جو خُداوند نے اُسے بنی اِسرائیل کے لِئے دِئے تھے اُن سے یہ باتیں کہِیں۔ 4یعنی جب اُس نے امورِیوں کے بادشاہ سِیحوؔن کو جو حسبونؔ میں رہتا تھا مارا اور بسنؔ کے بادشاہ عوجؔ کو جو عِستاراتؔ میں رہتا تھا ادرعیؔ میں قتل کِیا۔ 5تو اِس کے بعد یَردنؔ کے پار موآبؔ کے مَیدان میں مُوسیٰؔ اِس شرِیعت کو یُوں بیان کرنے لگا کہ
6خُداوند ہمارے خُدا نے حورِبؔ میں ہم سے یہ کہا تھا کہ تُم اِس پہاڑ پر بُہت رہ چُکے ہو۔ 7سو اب پِھرو اور کُوچ کرو اور امورِیوں کے کوہستانی مُلک اور اُس کے آس پاس کے مَیدان اور پہاڑی قطعہ اور نشیب کی زمِین اور جنُوبی اطراف میں اور سمُندر کے ساحِل تک جو کنعانیوں کا مُلک ہے بلکہ کوہِ لُبنانؔ اور دریایِ فراتؔ تک جو ایک بڑا دریا ہے چلے جاؤ۔ 8دیکھو مَیں نے اِس مُلک کو تُمہارے سامنے کر دِیا ہے۔ پس جاؤ اور اُس مُلک کو اپنے قبضہ میں کر لو جِس کی بابت خُداوند نے تُمہارے باپ دادا ابرہامؔ اور اِضحاقؔ اور یعقُوبؔ سے قَسم کھا کر یہ کہا تھا کہ وہ اُسے اُن کو اور اُن کے بعد اُن کی نسل کو دے گا۔
مُوسیٰؔ قاضی مُقرّر کرتا ہے
9اُس وقت مَیں نے تُم سے کہا تھا کہ مَیں اکیلا تُمہارا بوجھ نہیں اُٹھا سکتا۔ 10خُداوند تُمہارے خُدا نے تُم کو بڑھایا ہے اور آج کے دِن آسمان کے تاروں کی مانِند تُمہاری کثرت ہے۔ 11خُداوند تُمہارے باپ دادا کا خُدا تُم کو اِس سے بھی ہزار چند بڑھائے اور جو وعدہ اُس نے تُم سے کِیا ہے اُس کے مُطابِق تُم کو برکت بخشے۔ 12مَیں اکیلا تُمہارے جنجال اور بوجھ اور جھنجٹ کا کَیسے مُتحمِّل ہو سکتا ہُوں؟ 13سو تُم اپنے اپنے قبِیلہ سے اَیسے آدمِیوں کو چُنو جو دانِشور اور عقل مند اور مشہُور ہوں اور مَیں اُن کو تُم پر سردار بنا دُوں گا۔ 14اِس کے جواب میں تُم نے مُجھ سے کہا تھا کہ جو کُچھ تُو نے فرمایا ہے اُس کا کرنا بِہتر ہے۔ 15سو مَیں نے تُمہارے قبِیلوں کے سرداروں کو جو دانِشور اور مشہُور تھے لے کر اُن کو تُم پر مُقرّر کِیا تاکہ وہ تُمہارے قبِیلوں کے مُطابِق ہزاروں کے سردار اور سَیکڑوں کے سردار اور پچاس پچاس کے سردار اور دَس دَس کے سردار حاکِم ہوں۔
16اور اُسی موقع پر مَیں نے تُمہارے قاضیوں سے تاکیداً یہ کہا کہ تُم اپنے بھائِیوں کے مُقدّموں کو سُننا پر خواہ بھائی بھائی کا مُعاملہ ہو یا پردیسی کا تُم اُن کا فَیصلہ اِنصاف کے ساتھ کرنا۔ 17تُمہارے فَیصلہ میں کِسی کی رُو رِعایت نہ ہو۔ جَیسے بڑے آدمی کی بات سُنو گے وَیسے ہی چھوٹے کی سُننا اور کِسی آدمی کا مُنہ دیکھ کر ڈر نہ جانا کیونکہ یہ عدالت خُدا کی ہے اور جو مُقدّمہ تُمہارے لِئے مُشکِل ہو اُسے میرے پاس لے آنا۔ مَیں اُسے سُنوں گا۔ 18اور مَیں نے اُسی وقت سب کُچھ جو تُم کو کرنا ہے بتا دِیا۔
قادِسؔ برنِیع سے جاسُوس بھیجے جاتے ہیں
19اور ہم خُداوند اپنے خُدا کے حُکم کے مُطابِق حوربؔ سے کُوچ کر کے اُس بڑے اور ہَولناک بیابان میں سے ہو کر گُذرے جِسے تُم نے امورِیوں کے کوہِستانی مُلک کے راستہ میں دیکھا۔ پِھر ہم قادِؔس بَرنِیعَ میں پُہنچے۔ 20وہاں مَیں نے تُم کو کہا کہ تُم امورِیوں کے کوہِستانی مُلک تک آ گئے ہو جِسے خُداوند ہمارا خُدا ہم کو دیتا ہے۔ 21دیکھ اُس مُلک کو خُداوند تیرے خُدا نے تیرے سامنے کر دِیا ہے۔ سو تُو جا اور جَیسا خُداوند تیرے باپ دادا کے خُدا نے تُجھ سے کہا ہے تُو اُس پر قبضہ کر اور نہ خَوف کھا نہ ہراسان ہو۔
22تب تُم سب میرے پاس آ کر مُجھ سے کہنے لگے کہ ہم اپنے جانے سے پہلے وہاں آدمی بھیجیں جو جا کر ہماری خاطِر اُس مُلک کا حال دریافت کریں اور آ کر ہم کو بتائیں کہ ہم کو کِس راہ سے وہاں جانا ہو گا اور کَون کَون سے شہر ہمارے راستہ میں پڑیں گے۔
23یہ بات مُجھے بُہت پسند آئی۔ چُنانچہ مَیں نے قبِیلہ پِیچھے ایک ایک آدمی کے حساب سے بارہ آدمی چُنے۔ 24اور وہ روانہ ہُوئے اور پہاڑ پر چڑھ گئے اور وادیِ اِسکال میں پُہنچ کر اُس مُلک کا حال دریافت کِیا۔ 25اور اُس مُلک کا کُچھ پَھل ہاتھ میں لے کر اُسے ہمارے پاس لائے اور ہم کو یہ خبر دی کہ جو مُلک خُداوند ہمارا خُدا ہم کو دیتا ہے وہ اچھّا ہے۔
26تَو بھی تُم وہاں جانے پر راضی نہ ہُوئے بلکہ تُم نے خُداوند اپنے خُدا کے حُکم سے سرکشی کی۔ 27اور اپنے خَیموں میں کُڑکُڑانے اور کہنے لگے کہ خُداوند کو ہم سے نفرت ہے اِسی لِئے وہ ہم کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال لایا تاکہ وہ ہم کو امورِیوں کے ہاتھ میں گرِفتار کرا دے اور وہ ہم کو ہلاک کر ڈالیں۔ 28ہم کِدھر جا رہے ہیں؟ ہمارے بھائِیوں نے تو یہ بتا کر ہمارا حَوصلہ توڑ دِیا ہے کہ وہاں کے لوگ ہم سے بڑے بڑے اور لمبے ہیں اور اُن کے شہر بڑے بڑے اور اُن کی فصِیلیں آسمان سے باتیں کرتی ہیں۔ ماسِوا اِس کے ہم نے وہاں عناقِیمؔ کی اَولاد کو بھی دیکھا۔
29تب مَیں نے تُم کو کہا کہ خَوف زدہ مت ہو اور نہ اُن سے ڈرو۔ 30خُداوند تُمہارا خُدا جو تُمہارے آگے آگے چلتا ہے وُہی تُمہاری طرف سے جنگ کرے گا جَیسے اُس نے تُمہاری خاطِر مِصرؔ میں تُمہاری آنکھوں کے سامنے سب کُچھ کِیا۔ 31اور بیابان میں بھی تُو نے یِہی دیکھا کہ جِس طرح اِنسان اپنے بیٹے کو اُٹھائے ہُوئے چلتا ہے اُسی طرح خُداوند تیرا خُدا تیرے اِس جگہ پُہنچنے تک سارے راستے جہاں جہاں تُم گئے تُم کو اُٹھائے رہا۔ 32تَو بھی اِس بات میں تُم نے خُداوند اپنے خُدا کا یقِین نہ کِیا۔ 33جو راہ میں تُم سے آگے آگے تُمہارے واسطے ڈیرے ڈالنے کی جگہ تلاش کرنے کے لِئے رات کو آگ میں اور دِن کو ابر میں ہو کر چلا تاکہ تُم کو وہ راستہ دِکھائے جِس سے تُم چلو۔
خُداوند اِسرائیلِیوں کو سزا دیتا ہے
34اور خُداوند تُمہاری باتیں سُن کر غضب ناک ہُؤا اور اُس نے قَسم کھا کر کہا کہ 35اِس بُری پُشت کے لوگوں میں سے ایک بھی اُس اچھّے مُلک کو دیکھنے نہیں پائے گا جِسے اُن کے باپ دادا کو دینے کی قَسم مَیں نے کھائی ہے۔ 36سِوا یفُنّہؔ کے بیٹے کالِبؔ کے۔ وہ اُسے دیکھے گا اور جِس زمِین پر اُس نے قدم مارا ہے اُسے مَیں اُس کو اور اُس کی نسل کو دُوں گا اِس لِئے کہ اُس نے خُداوند کی پَیروی پُورے طَور پر کی۔ 37اور تُمہارے ہی سبب سے خُداوند مُجھ پر بھی غُصّہ ہُؤا اور یہ کہا کہ تُو بھی وہاں جانے نہ پائے گا۔ 38نُون کا بیٹا یشُوعؔ جو تیرے سامنے کھڑا رہتا ہے وہاں جائے گا۔ سو تُو اُس کی حَوصلہ افزائی کر کیونکہ وُہی بنی اِسرائیل کو اُس مُلک کا مالِک بنائے گا۔
39اور تُمہارے بال بچّے جِن کے بارے میں تُم نے کہا تھا کہ لُوٹ میں جائیں گے اور تُمہارے لڑکے بالے جِن کو آج بھلے اور بُرے کی بھی تمِیز نہیں۔ یہ وہاں جائیں گے اور یہ مُلک مَیں اِن ہی کو دُوں گا اور یہ اُس پر قبضہ کریں گے۔ 40پر تُمہارے لِئے یہ ہے کہ تُم لَوٹو اور بحرِ قلزمؔ کی راہ سے بیابان میں جاؤ۔
41تب تُم نے مُجھے جواب دِیا کہ ہم نے خُداوند کا گُناہ کِیا ہے اور اب جو کُچھ خُداوند ہمارے خُدا نے ہم کو حُکم دِیا ہے اُس کے مُطابِق ہم جائیں گے اور جنگ کریں گے۔ سو تُم سب اپنے اپنے جنگی ہتھیار باندھ کر پہاڑ پر چڑھ جانے کو آمادہ ہو گئے۔
42تب خُداوند نے مُجھ سے کہا کہ اُن سے کہہ دے کہ اُوپر مت چڑھو اور نہ جنگ کرو کیونکہ مَیں تُمہارے درمیان نہیں ہُوں تا اَیسا نہ ہو کہ تُم اپنے دُشمنوں سے شِکست کھاؤ۔ 43اور مَیں نے تُم سے کہہ بھی دِیا پر تُم نے میری نہ سُنی بلکہ تُم نے خُداوند کے حُکم سے سرکشی کی اور شوخی سے پہاڑ پر چڑھ گئے۔ 44تب اموری جو اُس پہاڑ پر رہتے تھے تُمہارے مُقابلہ کو نِکلے اور اُنہوں نے شہد کی مکّھیوں کی مانِند تُمہارا پِیچھا کِیا اور شعِیر میں مارتے مارتے تُم کو حُرمہ تک پُہنچا دِیا۔ 45تب تُم لَوٹ کر خُداوند کے آگے رونے لگے پر خُداوند نے تُمہاری فریاد نہ سُنی اور نہ تُمہاری باتوں پر کان لگایا۔
بیابان میں گُزرنے والے سال
46سو تُم قادِؔس میں بُہت دِنوں تک پڑے رہے یہاں تک کہ ایک مُدّت ہو گئی۔
1اور جَیسا خُداوند نے مُجھے حُکم دِیا تھا اُس کے مُطابِق ہم لَوٹے اور بحرِ قُلزؔم کی راہ سے بیابان میں آئے اور بُہت دِنوں تک کوہِ شعِیرؔ کے باہر باہر چلتے رہے۔
2تب خُداوند نے مُجھ سے کہا کہ 3تُم اِس پہاڑ کے باہر باہر بُہت چل چُکے۔ شِمال کی طرف مُڑ جاؤ۔ 4اور تُو اِن لوگوں کو تاکِید کر دے کہ تُم کو بنی عیسَوؔ تُمہارے بھائی جو شعِیرؔ میں رہتے ہیں اُن کی سرحد کے پاس سے ہو کر جانا ہے اور وہ تُم سے ہِراسان ہوں گے سو تُم خُوب اِحتیاط رکھنا۔ 5اور اُن کو مت چھیڑنا کیونکہ مَیں اُن کی زمِین میں سے پاؤں دھرنے تک کی جگہ بھی تُم کو نہیں دُوں گا۔ اِس لِئے کہ مَیں نے کوہِ شعِیرؔ عیسَوؔ کو میراث میں دِیا ہے۔ 6تُم رُوپَے دے کر اپنے کھانے کے لِئے اُن سے خُورِش خریدنا اور پِینے کے لِئے پانی بھی رُوپَے دے کر اُن سے مول لینا۔
7کیونکہ خُداوند تیرا خُدا تیرے ہاتھ کی کمائی میں برکت دیتا رہا ہے اور اِس بڑے بیابان میں جو تیرا چلنا پِھرنا ہے وہ اُسے جانتا ہے۔ اِن چالِیس برسوں میں خُداوند تیرا خُدا برابر تیرے ساتھ رہا اور تُجھ کو کِسی چِیز کی کمی نہیں ہُوئی۔
8سو ہم اپنے بھائِیوں بنی عیسَو کے پاس سے جو شعِیرؔ میں رہتے ہیں کترا کر مَیدان کی راہ سے ایلاتؔ اور عصیونؔ جابر ہوتے ہُوئے گُذرے۔ پِھر ہم مُڑے اور موآبؔ کے بیابان کے راستہ سے چلے۔ 9پِھر خُداوند نے مُجھ سے کہا کہ موآبیوں کو نہ تو ستانا اور نہ اُن سے جنگ کرنا اِس لِئے کہ مَیں تُجھ کو اُن کی زمِین کا کوئی حِصّہ مِلکِیّت کے طَور پر نہیں دُوں گا کیونکہ مَیں نے عار کو بنی لُوطؔ کی میراث کر دِیا ہے۔
10(وہاں پہلے اَیمِیمؔ بسے ہُوئے تھے جو عناقِیمؔ کی مانِند بڑے بڑے اور لمبے لمبے اور شُمار میں بُہت تھے۔ 11اور عناقِیمؔ ہی کی طرح وہ بھی رفائِیمؔ میں گِنے جاتے تھے لیکن موآبی اُن کو اَیمِیمؔ کہتے ہیں۔ 12اور پہلے شعِیرؔ میں حوری قَوم کے لوگ بسے ہُوئے تھے لیکن بنی عیسَو نے اُن کو نِکال دِیا اور اُن کو اپنے سامنے سے نیست و نابُود کر کے آپ اُن کی جگہ بس گئے جَیسے اِسرائیلؔ نے اپنی مِیراث کے مُلک میں کِیا جِسے خُداوند نے اُن کو دِیا)۔
13اب اُٹھو اور وادیِ زرد کے پار جاؤ۔ چُنانچہ ہم وادیِ زرد سے پار ہُوئے۔ 14اور ہمارے قادِؔس برنِیعَ سے روانہ ہونے سے لے کر وادیِ زرد کے پار ہونے تک اڑتِیس برس کا عرصہ گُذرا۔ اِس اثنا میں خُداوند کی قَسم کے مُطابِق اُس پُشت کے سب جنگی مَرد لشکر میں سے مَر کھپ گئے۔ 15اور جب تک وہ نابُود نہ ہو گئے تب تک خُداوند کا ہاتھ اُن کو لشکر میں سے ہلاک کرنے کو اُن کے خِلاف بڑھا ہی رہا۔
16جب سب جنگی مَرد مَر گئے اور قَوم میں سے فنا ہو گئے۔ 17تو خُداوند نے مُجھ سے کہا۔ 18آج تُجھے عار شہر سے ہو کر جو موآبؔ کی سرحد ہے گُذرنا ہے۔ 19اور جب تُو بنی عَمّون کے قرِیب جا پُہنچے تو اُن کو مت ستانا اور نہ اُن کو چھیڑنا کیونکہ مَیں بنی عَمّون کی زمِین کا کوئی حِصّہ تُجھے مِیراث کے طَور پر نہیں دُوں گا اِس لِئے کہ اُسے مَیں نے بنی لُوط کو مِیراث میں دِیا ہے۔
20(وہ مُلک بھی رفائِیمؔ کا گِنا جاتا تھا کیونکہ پہلے رفائِیمؔ جِن کو عَمّونی لوگ زمزُمِیم ؔکہتے تھے وہاں بسے ہُوئے تھے۔ 21یہ لوگ بھی عناقِیمؔ کی طرح بڑے بڑے اور لمبے لمبے اور شُمار میں بُہت تھے لیکن خُداوند نے اُن کو عَمّونِیوں کے سامنے سے ہلاک کِیا اور وہ اُن کو نِکال کر اُن کی جگہ آپ بس گئے۔ 22ٹِھیک وَیسے ہی جَیسے اُس نے بنی عیسَو کے سامنے سے جو شعِیر ؔمیں رہتے تھے حورِیوں کو ہلاک کِیا اور وہ اُن کو نِکال کر آج تک اُن ہی کی جگہ بسے ہُوئے ہیں۔ 23اَیسے ہی عَوّیوں کو جو اپنی بستیوں میں غَزّہ ؔتک بسے ہُوئے تھے کَفتورِیوں نے جو کَفتورہؔ سے نِکلے تھے ہلاک کِیا اور اُن کی جگہ آپ بس گئے)۔
24سو اُٹھو اور وادیِ اَرنونؔ کے پار جاؤ۔ دیکھو مَیں نے حسبوؔن کے بادشاہ سِیحوؔن کو جو اموری ہے اُس کے مُلک سمیت تُمہارے ہاتھ میں کر دِیا ہے۔ سو اُس پر قبضہ کرنا شرُوع کرو اور اُس سے جنگ چھیڑ دو۔ 25مَیں آج ہی سے تیرا خَوف اور رُعب اُن قَوموں کے دِل میں ڈالنا شرُوع کرُوں گا جو رُویِ زمِین پر رہتی ہیں۔ وہ تیری خبر سُنیں گی اور کانپیں گی اور تیرے سبب سے بیتاب ہو جائیں گی۔
اِسرائیلی سِیحونؔ بادشاہ کو شکست دیتے ہیں
26اور مَیں نے دشتِ قدیماؔت سے حسبونؔ کے بادشاہ سِیحوؔن کے پاس صُلح کے پَیغام کے ساتھ ایلچی روانہ کِئے اور کہلا بھیجا کہ 27مُجھے اپنے مُلک سے گُذر جانے دے۔ مَیں شاہراہ سے ہو کر چلُوں گا اور دہنے اور بائیں ہاتھ نہیں مُڑُوں گا۔ 28تُو روپَے لے کر میرے ہاتھ میرے کھانے کے لِئے خُورِش بیچنا اور میرے پِینے کے لِئے پانی بھی مُجھے رُوپَے لے کر دینا۔ فقط مُجھے پاؤں پاؤں نِکل جانے دے۔ 29جَیسے بنی عیسَو نے جو شعِیرؔ میں رہتے ہیں اور موآبیوں نے جو عارؔ شہر میں بستے ہیں میرے ساتھ کِیا۔ جب تک کہ مَیں یَردن ؔکو عبُور کر کے اُس مُلک میں پُہنچ نہ جاؤں جو خُداوند ہمارا خُدا ہم کو دیتا ہے۔
30لیکن حسبوؔن کے بادشاہ سِیحوؔن نے ہم کو اپنے ہاں سے گُذرنے نہ دِیا کیونکہ خُداوند تیرے خُدا نے اُس کا مِزاج کڑا اور اُس کا دِل سخت کر دِیا تاکہ اُسے تیرے ہاتھ میں حوالہ کر دے جَیسا آج ظاہِر ہے۔
31اور خُداوند نے مُجھ سے کہا دیکھ مَیں سِیحوؔن اور اُس کے مُلک کو تیرے ہاتھ میں حوالہ کرنے کو ہُوں سو تُو اُس پر قبضہ کرنا شرُوع کر تاکہ وہ تیری مِیراث ٹھہرے۔ 32تب سِیحوؔن اپنے سب آدمِیوں کو لے کر ہمارے مُقابلہ میں نِکلا اور جنگ کرنے کے لِئے یَہضؔ میں آیا۔ 33اور خُداوند ہمارے خُدا نے اُسے ہمارے حوالہ کر دِیا اور ہم نے اُسے اور اُس کے بیٹوں کو اور اُس کے سب آدمِیوں کو مار لِیا۔ 34اور ہم نے اُسی وقت اُس کے سب شہروں کو لے لِیا اور ہر آباد شہر کو عَورتوں اور بچّوں سمیت بِالکُل نابُود کر دِیا اور کِسی کو باقی نہ چھوڑا۔ 35لیکن چَوپایوں کو اور شہروں کے مال کو جو ہمارے ہاتھ لگا لُوٹ کر ہم نے اپنے لِئے رکھ لِیا۔ 36اور عَروعیرؔ سے جو وادیِ اَرنونؔ کے کنارے ہے اور اُس شہر سے جو وادی میں ہے جِلعادؔ تک اَیسا کوئی شہر نہ تھا جِس کو سر کرنا ہمارے لِئے مُشکِل ہُؤا۔ خُداوند ہمارے خُدا نے سب کو ہمارے قبضہ میں کر دِیا۔ 37لیکن بنی عَمّون کے مُلک کے نزدِیک اور دریایِ یبوقؔ کی نواحی اور کوہِستان کے شہروں میں اور جہاں جہاں خُداوند ہمارے خُدا نے ہم کو منع کِیا تھا تُو نہیں گیا۔
اِسرائیلی عوجؔ بادشاہ کو فتح کرتے ہیں
1پِھر ہم نے مُڑ کر بسنؔ کا راستہ لِیا اور بسنؔ کا بادشاہ عوجؔ ادرؔعی میں اپنے سب آدمِیوں کو لے کر ہمارے مُقابلہ میں جنگ کرنے کو آیا۔ 2اور خُداوند نے مُجھ سے کہا اُس سے مت ڈر کیونکہ مَیں نے اُس کو اور اُس کے سب آدمِیوں اور مُلک کو تیرے قبضہ میں کر دِیا ہے۔ جَیسا تُو نے امورِیوں کے بادشاہ سِیحوؔن سے جو حسبوؔن میں رہتا تھا کِیا وَیسا ہی تُو اِس سے بھی کرے گا۔
3چُنانچہ خُداوند ہمارے خُدا نے بسنؔ کے بادشاہ عوجؔ کو بھی اُس کے سب آدمِیوں سمیت ہمارے قابُو میں کر دِیا اور ہم نے اُن کو یہاں تک مارا کہ اُن میں سے کوئی باقی نہ رہا۔ 4اور ہم نے اُسی وقت اُس کے سب شہر لے لِئے اور ایک شہر بھی اَیسا نہ رہا جو ہم نے اُن سے لے نہ لِیا ہو۔ یُوں اَرجُوبؔ کا سارا مُلک جو بسنؔ میں عوجؔ کی سلطنت میں شامِل تھا اور اُس میں ساٹھ شہر تھے ہمارے قبضہ میں آیا۔ 5یہ سب شہر فصِیل دار تھے اور اِن کی اُونچی اُونچی دِیواریں اور پھاٹک اور بینڈے تھے۔ اِن کے علاوہ بُہت سے اَیسے قصبے بھی ہم نے لے لِئے جو فصِیل دار نہ تھے۔ 6اور جَیسا ہم نے حسبونؔ کے بادشاہ سِیحوؔن کے ہاں کِیا وَیسا ہی اِن سب آباد شہروں کو مع عَورتوں اور بچّوں کے بِالکُل نابُود کر ڈالا۔ 7لیکن سب چَوپایوں اور شہروں کے مال کو لُوٹ کر ہم نے اپنے لِئے رکھ لِیا۔
8یُوں ہم نے اُس وقت امورِیوں کے دونوں بادشاہوں کے ہاتھ سے جو یَردنؔ پار رہتے تھے اُن کا مُلک وادیِ ارنونؔ سے کوہِ حرمُوؔن تک لے لِیا۔ 9(اِس حرمُونؔ کو صَیدانی سِریُونؔ اور اموری ؔسنِیر کہتے ہیں)۔ 10اور سلکہؔ اور ادرؔعی تک مَیدان کے سب شہر اور سارا جِلعادؔ اور سارا بسنؔ یعنی عوجؔ کی سلطنت کے سب شہر جو بسنؔ میں شامِل تھے ہم نے لے لِئے۔
11(کیونکہ رفائِیمؔ کی نسل میں سے فقط بسنؔ کا بادشاہ عوجؔ باقی رہا تھا۔ اُس کا پلنگ لوہے کا بنا ہُؤا تھا اور وہ بنی عَمّون کے شہر رَبّہؔ میں مَوجُود ہے اور آدمی کے ہاتھ کے ناپ کے مُطابِق نَو ہاتھ لمبا اور چار ہاتھ چَوڑا ہے)۔
وہ قبِیلے جو یَردنؔ کے مشرِق میں آباد ہُوئے
12سو اِس مُلک پر ہم نے اُس وقت قبضہ کر لِیا اور عَروعیرؔ جو وادیِ ارنونؔ کے کنارے ہے اور جِلعادؔ کے کوہِستانی مُلک کا آدھا حِصّہ اور اُس کے شہر مَیں نے رُوبِینِیوں اور جدّیوں کو دِئے۔ 13اور جِلعادؔ کا باقی حِصّہ اور سارا بسنؔ یعنی اَرجُوبؔ کا سارا مُلک جو عوج ؔکی قلمرو میں تھا مَیں نے منَسّیؔ کے آدھے قبِیلہ کو دِیا
(بسنؔ رفائِیمؔ کا مُلک کہلاتا تھا۔ 14اور منَسّیؔ کے بیٹے یائِیرؔ نے جسُورِیوں اور مَعَکاتِیوں کی سرحد تک اَرجُوبؔ کے سارے مُلک کو لے لِیا اور اپنے نام پر بسنؔ کے شہروں کو حوّوت یائِیرؔ کا نام دِیا جو آج تک چلا آتا ہے)۔
15اور جِلعادؔ مَیں نے مکِیر ؔکو دِیا۔ 16اور رُوبِینِیوں اور جدّیوں کو مَیں نے جِلعادؔ سے وادیِ ارنونؔ تک کا مُلک یعنی اُس وادی کے بیچ کے حِصّہ کو اُن کی ایک حد ٹھہرا کر دریایِ یبوقؔ تک جو عَمّونیوں کی سرحد ہے اُن کو دِیا۔ 17اور مَیدان کو اور کِنّرتؔ سے لے کر مَیدان کے دریا یعنی دریایِ شورؔ تک جو مشرِق میں پِسگہ کے ڈھال تک پَھیلا ہُؤا ہے اور یَردن ؔاور اُس کی ساری نواحی کو بھی مَیں نے اِن ہی کو دے دِیا۔
18اور مَیں نے اُس وقت تُم کو حُکم دِیا کہ خُداوند تُمہارے خُدا نے تُم کو یہ مُلک دِیا ہے کہ تُم اُس پر قبضہ کرو۔ سو تُم سب جنگی مَرد مُسلّح ہو کر اپنے بھائِیوں بنی اِسرائیل کے آگے آگے پار چلو۔ 19مگر تُمہاری بِیویاں اور تُمہارے بال بچّے اور چَوپائے (کیونکہ مُجھے معلُوم ہے کہ تُمہارے پاس چَوپائے بُہت ہیں) سو یہ سب تُمہارے اُن ہی شہروں میں رہ جائیں جو مَیں نے تُم کو دِئے ہیں۔ 20تاوقتیکہ خُداوند تُمہارے بھائِیوں کو چَین نہ بخشے جَیسے تُم کو بخشا اور وہ بھی اُس مُلک پر جو خُداوند تُمہارا خُدا یَردنؔ کے اُس پار تُم کو دیتا ہے قبضہ نہ کر لیں۔ تب تُم سب اپنی مِلکِیّت میں جو مَیں نے تُم کو دی ہے لَوٹ کر آنے پاؤ گے۔
21اور اُسی مَوقع پر مَیں نے یشُوعؔ کو حُکم دِیا کہ جو کُچھ خُداوند تُمہارے خُدا نے اِن دو بادشاہوں سے کِیا وہ سب تُو نے اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ خُداوند اَیسا ہی اُس پار اُن سب سلطنتوں کا حال کرے گا جہاں تُو جا رہا ہے۔ 22تُم اُن سے نہ ڈرنا کیونکہ خُداوند تُمہارا خُدا تُمہاری طرف سے آپ جنگ کر رہا ہے۔
مُوسیٰؔ کو کنعانؔ میں داخِل ہونے کی اِجازت نہیں مِلتی
23اُس وقت مَیں نے خُداوند سے عاجزی کے ساتھ درخواست کی کہ 24اَے خُداوند خُدا تُو نے اپنے بندہ کو اپنی عظمت اور اپنا زورآور ہاتھ دِکھانا شرُوع کِیا ہے کیونکہ آسمان میں یا زمِین پر اَیسا کَون معبُود ہے جو تیرے سے کام یا کرامات کر سکے۔ 25سو مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں کہ مُجھے پار جانے دے کہ مَیں بھی اُس اچھّے مُلک کو جو یَردنؔ کے پار ہے اور اُس خُوشنما پہاڑ اور لُبنانؔ کو دیکُھوں۔
26لیکن خُداوند تُمہارے سبب سے مُجھ سے ناراض تھا اور اُس نے میری نہ سُنی بلکہ خُداوند نے مُجھ سے کہا کہ بس کر۔ اِس مضمُون پر مُجھ سے پِھر کبھی کُچھ نہ کہنا۔ 27تُو کوہِ پِسگہ ؔکی چوٹی پر چڑھ جا اور مغرِب اور شِمال اور جنُوب اور مشرِق کی طرف نظر دَوڑا کر اُسے اپنی آنکھوں سے دیکھ لے کیونکہ تُو اِس یَردنؔ کے پار نہیں جانے پائے گا۔ 28پر یشُوؔع کو وصِیّت کر اور اُس کی حَوصلہ افزائی کر کے اُسے مضبُوط کر کیونکہ وہ اِن لوگوں کے آگے پار جائے گا اور وُہی اِن کو اُس مُلک کا جِسے تُو دیکھ لے گا مالِک بنائے گا۔
29چُنانچہ ہم اُس وادی میں جو بَیت فغُور ہے ٹھہرے رہے۔
مُوسیٰؔ اِسرائیلِیوں کو فرمانبردار رہنے کی تلقِین کرتا ہے
1اور اب اَے اِسرائیلیو! جو آئِین اور احکام مَیں تُم کو سِکھاتا ہُوں تُم اُن پر عمل کرنے کے لِئے اُن کو سُن لو تاکہ تُم زِندہ رہو اور اُس مُلک میں جِسے خُداوند تُمہارے باپ دادا کا خُدا تُم کو دیتا ہے داخِل ہو کر اُس پر قبضہ کر لو۔ 2جِس بات کا مَیں تُم کو حُکم دیتا ہُوں اُس میں نہ تو کُچھ بڑھانا اور نہ کُچھ گھٹانا تاکہ تُم خُداوند اپنے خُدا کے احکام کو جو مَیں تُم کو بتاتا ہُوں مان سکو۔ 3جو کُچھ خُداوند نے بَعَل فغُور ؔکے سبب سے کِیا وہ تُم نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے کیونکہ اُن سب آدمِیوں کو جِنہوں نے بَعَل فغُورؔ کی پَیروی کی خُداوند تیرے خُدا نے تیرے بیچ سے نابُود کر دِیا۔ 4پر تُم جو خُداوند اپنے خُدا سے لِپٹے رہے ہو سب کے سب آج تک زِندہ ہو۔
5دیکھو! جَیسا خُداوند میرے خُدا نے مُجھے حُکم دِیا اُس کے مُطابِق مَیں نے تُم کو آئِین اور احکام سِکھا دِئے ہیں تاکہ اُس مُلک میں اُن پر عمل کرو جِس پر قبضہ کرنے کے لِئے جا رہے ہو۔ 6سو تُم اِن کو ماننا اور عمل میں لانا کیونکہ اَور قَوموں کے سامنے یِہی تُمہاری عقل اور دانِش ٹھہریں گے۔ وہ اِن تمام آئِین کو سُن کر کہیں گی کہ یقِیناً یہ بزُرگ قَوم نِہایت عقل مند اور دانِشور ہے۔
7کیونکہ اَیسی بڑی قَوم کَون ہے جِس کا معبُود اِس قدر اُس کے نزدِیک ہو جَیسا خُداوند ہمارا خُدا کہ جب کبھی ہم اُس سے دُعا کریں ہمارے نزدِیک ہے۔ 8اور کَون اَیسی بزُرگ قَوم ہے جِس کے آئِین اور احکام اَیسے راست ہیں جَیسی یہ ساری شرِیعت ہے جِسے مَیں آج تُمہارے سامنے رکھتا ہُوں۔ 9سو تُو ضرُور ہی اپنی اِحتیاط رکھنا اور بڑی حِفاظت کرنا تا نہ ہو کہ تُو وہ باتیں جو تُو نے اپنی آنکھ سے دیکھی ہیں بُھول جائے اور وہ زِندگی بھر کے لِئے تیرے دِل سے جاتی رہیں بلکہ تُو اُن کو اپنے بیٹوں اور پوتوں کو سِکھانا۔ 10خصُوصاً اُس دِن کی باتیں جب تُو خُداوند اپنے خُدا کے حضُور حورِب میں کھڑا ہُؤا کیونکہ خُداوند نے مُجھ سے کہا تھا کہ قَوم کو میرے حضُور جمع کر اور مَیں اُن کو اپنی باتیں سُناؤُں گا تاکہ وہ یہ سِیکھیں کہ زِندگی بھر جب تک زمِین پر جِیتے رہیں میرا خَوف مانیں اور اپنے بال بچّوں کو بھی یِہی سِکھائیں۔
11چُنانچہ تُم نزدِیک جا کر اُس پہاڑ کے نیچے کھڑے ہُوئے اور وہ پہاڑ آگ سے دہک رہا تھا اور اُس کی لَو آسمان تک پُہنچتی تھی اور گِرداگِرد تارِیکی اور گھٹا اور ظُلمت تھی۔ 12اور خُداوند نے اُس آگ میں سے ہو کر تُم سے کلام کِیا۔ تُم نے باتیں تو سُنِیں لیکن کوئی صُورت نہ دیکھی۔ فقط آواز ہی آواز سُنی۔ 13اور اُس نے تُم کو اپنے عہد کے دسوں احکام بتا کر اُن کے ماننے کا حُکم دِیا اور اُن کو پتّھر کی دو لَوحوں پر لِکھ بھی دِیا۔ 14اُس وقت خُداوند نے مُجھے حُکم دِیا کہ تُم کو یہ آئِین اور احکام سِکھاؤُں تاکہ تُم اُس مُلک میں جِس پر قبضہ کرنے کے لِئے جا رہے ہو اُن پر عمل کرو۔
بُت پرستی کے خِلاف اِنتباہ
15سو تُم اپنی خُوب ہی اِحتیاط رکھنا کیونکہ تُم نے اُس دِن جب خُداوند نے آگ میں سے ہو کر حورب ؔمیں تُم سے کلام کِیا کِسی طرح کی کوئی صُورت نہیں دیکھی۔ 16تا نہ ہو کہ تُم بگڑ کر کِسی شکل یا صُورت کی کھودی ہُوئی مُورت اپنے لِئے بنا لو جِس کی شبِیہ کِسی مَرد یا عَورت۔ 17یا زمِین کے کِسی حَیوان یا ہوا میں اُڑنے والے پرِندے۔ 18یا زمِین کے رینگنے والے جاندار یا مچھلی سے جو زمِین کے نِیچے پانی میں رہتی ہے مِلتی ہو۔ 19یا جب تُو آسمان کی طرف نظر کرے اور تمام اجرامِ فلک یعنی سُورج اور چاند اور تاروں کو دیکھے تو گُمراہ ہو کر اُن ہی کو سِجدہ اور اُن کی عِبادت کرنے لگے جِن کو خُداوند تیرے خُدا نے رُویِ زمِین کی سب قَوموں کے لِئے رکھّا ہے۔ 20لیکن خُداوند نے تُم کو چُنا اور تُم کو گویا لوہے کی بھٹّی یعنی مِصرؔ سے نِکال لے آیا ہے تاکہ تُم اُس کی مِیراث کے لوگ ٹھہرو جَیسا آج ظاہِر ہے۔ 21اور تُمہارے ہی سبب سے خُداوند نے مُجھ سے ناراض ہو کر قَسم کھائی کہ مَیں یَردن ؔپار نہ جاؤُں اور نہ اُس اچھّے مُلک میں پُہنچنے پاؤُں جِسے خُداوند تیرا خُدا مِیراث کے طَور پر تُجھ کو دیتا ہے۔ 22بلکہ مُجھے اِسی مُلک میں مَرنا ہے۔ مَیں یَردن ؔپار نہیں جا سکتا۔ لیکن تُم پار جا کر اُس اچھّے مُلک پر قبضہ کرو گے۔ 23سو تُم اِحتیاط رکھّو تا نہ ہو کہ تُم خُداوند اپنے خُدا کے اُس عہد کو جو اُس نے تُم سے باندھا ہے بُھول جاؤ اور اپنے لِئے کِسی چِیز کی شبِیہ کی کھودی ہُوئی مُورت بنا لو جِس سے خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو منع کِیا ہے۔ 24کیونکہ خُداوند تیرا خُدا بھسم کرنے والی آگ ہے۔ وہ غیُور خُدا ہے۔
25اور جب تُجھ سے بیٹے اور پوتے پَیدا ہوں اور تُم کو اُس مُلک میں رہتے ہُوئے ایک مُدّت ہو جائے اور تُم بِگڑ کر کِسی چِیز کی شبِیہ کی کھودی ہُوئی مُورت بنا لو اور خُداوند اپنے خُدا کے حضُور شرارت کر کے اُسے غُصّہ دِلاؤ۔ 26تو مَیں آج کے دِن تُمہارے برخِلاف آسمان اور زمِین کو گواہ بناتا ہُوں کہ تُم اُس مُلک سے جِس پر قبضہ کرنے کو یَردن ؔپار جانے پر ہو جلد بِالکُل فنا ہو جاؤ گے۔ تُم وہاں بُہت دِن رہنے نہ پاؤ گے بلکہ بِالکُل نابُود کر دِئے جاؤ گے۔ 27اور خُداوند تُم کو قَوموں میں تِتربِتر کرے گا اور جِن قَوموں کے درمیان خُداوند تُم کو پُہنچائے گا اُن میں تُم تھوڑے سے رہ جاؤ گے۔ 28اور وہاں تُم آدمِیوں کے ہاتھ کے بنے ہُوئے لکڑی اور پتّھر کے دیوتاؤں کی عِبادت کرو گے جو نہ دیکھتے نہ سُنتے نہ کھاتے نہ سُونگھتے ہیں۔ 29لیکن وہاں بھی اگر تُم خُداوند اپنے خُدا کے طالِب ہو تو وہ تُجھ کو مِل جائے گا بشرطیکہ تُو اپنے پُورے دِل سے اور اپنی ساری جان سے اُسے ڈُھونڈے۔ 30جب تُو مُصِیبت میں پڑے گا اور یہ سب باتیں تُجھ پر گُذریں گی تو آخِری دِنوں میں تُو خُداوند اپنے خُدا کی طرف پِھرے گا اور اُس کی مانے گا۔ 31کیونکہ خُداوند تیرا خُدا رحیم خُدا ہے۔ وہ تُجھ کو نہ تو چھوڑے گا اور نہ ہلاک کرے گا اور نہ اُس عہد کو بُھولے گا جِس کی قَسم اُس نے تیرے باپ دادا سے کھائی۔
32اور جب سے خُدا نے اِنسان کو زمِین پر پَیدا کِیا تب سے شرُوع کر کے تُو اُن گُذرے ایّام کا حال جو تُجھ سے پہلے ہو چُکے پُوچھ اور آسمان کے ایک سِرے سے دُوسرے سِرے تک دریافت کر کہ اِتنی بڑی واردات کی طرح کبھی کوئی بات ہُوئی یا سُننے میں بھی آئی؟ 33کیا کبھی کوئی قَوم خُدا کی آواز جَیسے تُو نے سُنی آگ میں سے آتی ہُوئی سُن کر زِندہ بچی ہے؟ 34یا کبھی خُدا نے ایک قَوم کو کِسی دُوسری قَوم کے بِیچ سے نِکالنے کا اِرادہ کر کے اِمتِحانوں اور نِشانوں اور مُعجِزوں اور جنگ اور زورآور ہاتھ اور بُلند بازُو اور ہَولناک ماجروں کے وسِیلہ سے اُن کو اپنی خاطِر برگُزیدہ کرنے کے لِئے وہ کام کِئے جو خُداوند تُمہارے خُدا نے تُمہاری آنکھوں کے سامنے مِصرؔ میں تُمہارے لِئے کِئے؟ 35یہ سب کُچھ تُجھ کو دِکھایا گیا تاکہ تُو جانے کہ خُداوند ہی خُدا ہے اور اُس کے سِوا اَور کوئی ہے ہی نہیں۔ 36اُس نے اپنی آواز آسمان میں سے تُجھ کو سُنائی تاکہ تُجھ کو تربِیّت کرے اور زمِین پر اُس نے تُجھ کو اپنی بڑی آگ دِکھائی اور تُو نے اُس کی باتیں آگ کے بِیچ میں سے آتی ہُوئی سُنِیں۔ 37اور چُونکہ اُسے تیرے باپ دادا سے مُحبّت تھی اِسی لِئے اُس نے اُن کے بعد اُن کی نسل کو چُن لِیا اور تیرے ساتھ ہو کر اپنی بڑی قُدرت سے تُجھ کو مِصرؔ سے نِکال لایا۔ 38تاکہ تیرے سامنے سے اُن قَوموں کو جو تُجھ سے بڑی اور زورآور ہیں دفع کرے اور تُجھ کو اُن کے مُلک میں پُہنچائے اور اُسے تُجھ کو مِیراث کے طَور پر دے جَیسا آج کے دِن ظاہِر ہے۔ 39پس آج کے دِن تُو جان لے اور اِس بات کو اپنے دِل میں جما لے کہ اُوپر آسمان میں اور نِیچے زمِین پر خُداوند ہی خُدا ہے اور کوئی دُوسرا نہیں۔ 40سو تُو اُس کے آئِین اور احکام کو جو مَیں تُجھ کو آج بتاتا ہُوں ماننا تاکہ تیرا اور تیرے بعد تیری اَولاد کا بھلا ہو اور ہمیشہ اُس مُلک میں جو خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے تیری عُمر دراز ہو۔
دریائے یَردن ؔکے مشرِق میں پناہ کے شہر
41پِھر مُوسیٰؔ نے یَردنؔ کے پار مشرِق کی طرف تِین شہر الگ کِئے۔ 42تاکہ اَیسا خُونی جو انجانے بغَیر قدیمی عداوت کے اپنے پڑوسی کو مار ڈالے وہ وہاں بھاگ جائے اور اِن شہروں میں سے کِسی میں جا کر جِیتا بچ رہے۔ 43یعنی رُوبِینِیوں کے لِئے تو شہر بصر ہو جو ترائی میں بیابان کے بِیچ واقع ہے اور جدّیوں کے لِئے شہر رامات جو جِلعاد ؔمیں ہے اور منسِّیوں کے لِئے بسنؔ کا شہر جولانؔ۔
خُدا کی شرِیعت دیئے جانے کی تمہِید
44یہ وہ شرِیعت ہے جو مُوسیٰ ؔنے بنی اِسرائیل کے آگے پیش کی۔ 45یِہی وہ شہادتیں اور آئِین اور احکام ہیں جِن کو مُوسیٰ ؔنے بنی اِسرائیل کو اُن کے مِصرؔ سے نِکلنے کے بعد۔ 46یَردن ؔکے پار اُس وادی میں جو بَیت فغُورؔ کے مُقابِل ہے کہہ سُنایا یعنی امورِیوں کے بادشاہ سِیحوؔن کے مُلک میں جو حسبون ؔمیں رہتا تھا جِسے مُوسیٰؔ اور بنی اِسرائیل نے مُلکِ مِصرؔ سے نِکلنے کے بعد مارا۔ 47اور پِھر اُس کے مُلک کو اور بسنؔ کے بادشاہ عوج ؔکے مُلک کو اپنے قبضہ میں کر لِیا۔ امورِیوں کے اِن دونوں بادشاہوں کا یہ مُلک یَردنؔ پار مشرِق کی طرف۔ 48عروعیر ؔسے جو وادیِ ارنون ؔکے کنارے واقع ہے کوہِ سِیونؔ تک جِسے حرمُونؔ بھی کہتے ہیں پَھیلا ہُؤا ہے۔ 49اِسی میں یَردنؔ پار مشرِق کی طرف مَیدان کے دریا تک جو پِسگہ ؔکے ڈھال کے نِیچے بہتا ہے وہاں کا سارا مَیدان شامل ہے۔
مُوسیٰؔ کا دُوسرا خطاب دَس حُکم
1پِھر مُوسیٰؔ نے سب اِسرائیلِیوں کو بُلوا کر اُن کو کہا اَے اِسرائیلِیو! تُم اُن آئِین اور احکام کو سُن لو جِن کو مَیں آج تُم کو سُناتا ہُوں تاکہ تُم اُن کو سِیکھ کر اُن پر عمل کرو۔ 2خُداوند ہمارے خُدا نے حورِبؔ میں ہم سے ایک عہد باندھا۔ 3خُداوند نے یہ عہد ہمارے باپ دادا سے نہیں بلکہ خُود ہم سب سے جو یہاں آج کے دِن جِیتے ہیں باندھا۔ 4خُداوند نے تُم سے اُس پہاڑ پر رُوبرُو آگ کے بیچ میں سے باتیں کِیں۔ 5(اُس وقت مَیں تُمہارے اور خُداوند کے درمِیان کھڑا ہُؤا تاکہ خُداوند کا کلام تُم پر ظاہِر کرُوں کیونکہ تُم آگ کے سبب سے ڈرے ہُوئے تھے اور پہاڑ پر نہ چڑھے)۔
6تب اُس نے کہا خُداوند تیرا خُدا جو تُجھ کو مُلکِ مِصرؔ یعنی غُلامی کے گھر سے نِکال لایا مَیں ہُوں۔
7میرے آگے تُو اَور معبُودوں کو نہ ماننا۔
8تُو اپنے لِئے کوئی تراشی ہُوئی مُورت نہ بنانا نہ کِسی چِیز کی صُورت بنانا جو اُوپر آسمان میں یا نِیچے زمِین پر یا زمِین کے نِیچے پانی میں ہے۔ 9تُو اُن کے آگے سجدہ نہ کرنا اور نہ اُن کی عِبادت کرنا کیونکہ مَیں خُداوند تیرا خُدا غیُور خُدا ہُوں اور جو مُجھ سے عداوت رکھتے ہیں اُن کی اَولاد کو تِیسری اور چَوتھی پُشت تک باپ دادا کی بدکاری کی سزا دیتا ہُوں۔ 10اور ہزاروں پر جو مُجھ سے مُحبّت رکھتے اور میرے حُکموں کو مانتے ہیں رحم کرتا ہُوں۔
11تُو خُداوند اپنے خُدا کا نام بیفائِدہ نہ لینا کیونکہ خُداوند اُس کو جو اُس کا نام بیفائِدہ لیتا ہے بے گُناہ نہ ٹھہرائے گا۔
12تُو خُداوند اپنے خُدا کے حُکم کے مُطابِق سبت کے دِن کو یاد کر کے پاک ماننا۔ 13چھ دِن تک تو مِحنت کر کے اپنا سارا کام کاج کرنا۔ 14لیکن ساتواں دِن خُداوند تیرے خُدا کا سبت ہے۔ اُس میں نہ تُو کوئی کام کرے نہ تیرا بیٹا نہ تیری بیٹی نہ تیرا غُلام نہ تیری لَونڈی نہ تیرا بَیل نہ تیرا گدھا نہ تیرا اَور کوئی جانور اور نہ کوئی مُسافِر جو تیرے پھاٹکوں کے اندر ہو تاکہ تیرا غُلام اور تیری لَونڈی بھی تیری طرح آرام کریں۔ 15اور یاد رکھنا کہ تُو مُلکِ مِصرؔ میں غُلام تھا اور وہاں سے خُداوند تیرا خُدا اپنے زورآور ہاتھ اور بُلند بازُو سے تُجھ کو نِکال لایا۔ اِس لِئے خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو سبت کے دِن کو ماننے کا حُکم دِیا۔
16اپنے باپ اور اپنی ماں کی عِزّت کرنا جَیسا خُداوند تیرے خُدا نے تُجھے حُکم دِیا ہے تاکہ تیری عُمر دراز ہو اور جو مُلک خُداوند تیرا خُدا تُجھے دیتا ہے اُس میں تیرا بھلا ہو۔
17تُو خُون نہ کرنا۔
18تُو زِنا نہ کرنا۔
19تُو چوری نہ کرنا۔
20تُو اپنے پڑوسی کے خِلاف جُھوٹی گواہی نہ دینا۔
21تُو اپنے پڑوسی کی بِیوی کا لالچ نہ کرنا اور نہ اپنے پڑوسی کے گھر یا اُس کے کھیت یا غُلام یا لَونڈی یا بَیل یا گدھے یا اُس کی کِسی اور چِیز کا خواہاں ہونا۔
22یِہی باتیں خُداوند نے اُس پہاڑ پر آگ اور گھٹا اور ظُلمت میں سے تُمہاری ساری جماعت کو بُلند آواز سے کہِیں اور اِس سے زِیادہ اَور کُچھ نہ کہا اور اِن ہی کو اُس نے پتّھر کی دو لَوحوں پر لِکھا اور اُن کو میرے سپُرد کِیا۔
لوگ ڈر جاتے ہیں
23اور جب وہ پہاڑ آگ سے دہک رہا تھا اور تُم نے وہ آواز اندھیرے میں سے آتی سُنی تو تُم اور تُمہارے قبِیلوں کے سردار اور بزُرگ میرے پاس آئے۔ 24اور تُم کہنے لگے کہ خُداوند ہمارے خُدا نے اپنی شَوکت اور عظمت ہم کو دِکھائی اور ہم نے اُس کی آواز آگ میں سے آتی سُنی۔ آج ہم نے دیکھ لِیا کہ خُداوند اِنسان سے باتیں کرتا ہے تَو بھی اِنسان زِندہ رہتا ہے۔ 25سو اب ہم کیوں اپنی جان دیں کیونکہ اَیسی بڑی آگ ہم کو بھسم کر دے گی۔ اگر ہم خُداوند اپنے خُدا کی آواز پِھر سُنیں تو مَر ہی جائیں گے۔ 26کیونکہ اَیسا کَون سا بشر ہے جِس نے زِندہ خُدا کی آواز ہماری طرح آگ میں سے آتی سُنی ہو اور پِھر بھی جِیتا رہا؟ 27سو تُو ہی نزدِیک جا کر جو کُچھ خُداوند ہمارا خُدا کہے اُسے سُن لے اور تُو ہی وہ باتیں جو خُداوند ہمارا خُدا تُجھ سے کہے ہم کو بتانا اور ہم اُسے سُنیں گے اور اُس پر عمل کریں گے۔
28اور جب تُم مُجھ سے گُفتگُو کر رہے تھے تو خُداوند نے تُمہاری باتیں سُنِیں۔ تب خُداوند نے مُجھ سے کہا کہ مَیں نے اِن لوگوں کی باتیں جو اُنہوں نے تُجھ سے کہِیں سُنی ہیں۔ جو کُچھ اُنہوں نے کہا ٹھیک کہا۔ 29کاش اُن میں اَیسا ہی دِل ہو تاکہ وہ میرا خَوف مان کر ہمیشہ میرے سب حُکموں پر عمل کرتے تاکہ سدا اُن کا اور اُن کی اَولاد کا بھلا ہوتا! 30سو تُو جا کر اُن سے کہہ دے کہ تُم اپنے ڈیروں کو لَوٹ جاؤ۔ 31پر تُو یہِیں میرے پاس کھڑا رہ اور مَیں وہ سب فرمان اور سب آئِین اور احکام جو تُجھے اُن کو سِکھانے ہیں تُجھ کو بتاؤُں گا تاکہ وہ اُن پر اُس مُلک میں جو مَیں اُن کو قبضہ کرنے کے لِئے دیتا ہُوں عمل کریں۔
32سو تُم اِحتیاط رکھنا اور جَیسا خُداوند تُمہارے خُدا نے تُم کو حُکم دِیا ہے وَیسا ہی کرنا اور دہنے یا بائیں ہاتھ کو نہ مُڑنا۔ 33تُم اُس سارے طرِیق پر جِس کا حُکم خُداوند تُمہارے خُدا نے تُم کو دِیا ہے چلنا تاکہ تُم جِیتے رہو اور تُمہارا بھلا ہو اور تُمہاری عُمر اُس مُلک میں جِس پر تُم قبضہ کرو گے دراز ہو۔
سب سے بڑا حُکم
1یہ وہ فرمان اور آئِین اور احکام ہیں جِن کو خُداوند تُمہارے خُدا نے تُم کو سِکھانے کا حُکم دِیا ہے تاکہ تُم اُن پر اُس مُلک میں عمل کرو جِس پر قبضہ کرنے کے لِئے پار جانے کو ہو۔ 2اور تُو اپنے بیٹوں اور پوتوں سمیت خُداوند اپنے خُدا کا خَوف مان کر اُس کے تمام آئِین اور احکام پر جو مَیں تُجھ کو بتاتا ہُوں زِندگی بھر عمل کرنا تاکہ تیری عُمر دراز ہو۔ 3اِس لِئے اَے اِسرائیلؔ! سُن اور اِحتیاط کر کے اُن پر عمل کر تاکہ تیرا بھلا ہو اور تُم خُداوند اپنے باپ دادا کے خُدا کے وعدہ کے مُطابِق اُس مُلک میں جِس میں دُودھ اور شہد بہتا ہے نہایت بڑھ جاؤ۔
4سُن اَے اِسرائیلؔ! خُداوند ہمارا خُدا ایک ہی خُداوند ہے۔ 5تُو اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان اور اپنی ساری طاقت سے خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھ۔ 6اور یہ باتیں جِن کا حُکم آج مَیں تُجھے دیتا ہُوں تیرے دِل پر نقش رہیں۔ 7اور تُو اِن کو اپنی اَولاد کے ذِہن نشِین کرنا اور گھر بَیٹھے اور راہ چلتے اور لیٹتے اور اُٹھتے وقت اِن کا ذِکر کِیا کرنا۔ 8اور تُو نِشان کے طَور پر اِن کو اپنے ہاتھ پر باندھنا اور وہ تیری پیشانی پر ٹِیکوں کی مانِند ہوں۔ 9اور تُو اُن کو اپنے گھر کی چَوکھٹوں اور اپنے پھاٹکوں پر لِکھنا۔
نافرمانی کے خِلاف اِنتباہ
10اور جب خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو اُس مُلک میں پُہنچائے جِسے تُجھ کو دینے کی قَسم اُس نے تیرے باپ دادا ابرہامؔ اور اِضحاقؔ اور یعقُوبؔ سے کھائی اور جب وہ تُجھ کو بڑے بڑے اور اچھّے شہر جِن کو تُو نے نہیں بنایا۔ 11اور اچّھّی اچّھّی چِیزوں سے بھرے ہُوئے گھر جِن کو تُو نے نہیں بھرا اور کھودے کُھدائے حَوض جو تُو نے نہیں کھودے اور انگُور کے باغ اور زَیتُونؔ کے درخت جو تُو نے نہیں لگائے عنایت کرے اور تُو کھائے اور سیر ہو۔ 12تو تُو ہوشیار رہنا تا اَیسا نہ ہو کہ تُو خُداوند کو جو تُجھ کو مُلکِ مِصرؔ یعنی غُلامی کے گھر سے نِکال لایا بُھول جائے۔ 13تُو خُداوند اپنے خُدا کا خَوف ماننا اور اُسی کی عِبادت کرنا اور اُسی کے نام کی قَسم کھانا۔ 14تُم اَور معبُودوں کی یعنی اُن قَوموں کے معبُودوں کی جو تُمہارے آس پاس رہتی ہیں پَیروی نہ کرنا۔ 15کیونکہ خُداوند تیرا خُدا جو تیرے درمیان ہے غیُور خُدا ہے۔ سو اَیسا نہ ہو کہ خُداوند تیرے خُدا کا غضب تُجھ پر بھڑکے اور وہ تُجھ کو رُویِ زمِین پر سے فنا کر دے۔
16تُم خُداوند اپنے خُدا کو مت آزمانا جَیسا تُم نے اُسے مسّہ میں آزمایا تھا۔ 17تُم جانفشانی سے خُداوند اپنے خُدا کے حُکموں اور شہادتوں اور آئِین کو جو اُس نے تُجھ کو فرمائے ہیں ماننا۔ 18اور تُو وُہی کرنا جو خُداوند کی نظر میں درُست اور اچھّا ہے تاکہ تیرا بھلا ہو اور جِس اچھّے مُلک کی بابت خُداوند نے تیرے باپ دادا سے قَسم کھائی تُو اُس میں داخِل ہو کر اُس پر قبضہ کر سکے۔ 19اور خُداوند تیرے سب دُشمنوں کو تیرے آگے سے دفع کرے جَیسا اُس نے کہا ہے۔
20اور جب آیندہ زمانہ میں تیرے بیٹے تُجھ سے سوال کریں کہ جِن شہادتوں اور آئِین اور فرمان کے ماننے کا حُکم خُداوند ہمارے خُدا نے تُم کو دِیا ہے اُن کا مطلَب کیا ہے؟ 21تو تُو اپنے بیٹوں کو یہ جواب دینا کہ جب ہم مِصرؔ میں فرِعونؔ کے غُلام تھے تو خُداوند اپنے زورآور ہاتھ سے ہم کو مِصرؔ سے نِکال لایا۔ 22اور خُداوند نے بڑے بڑے اور ہَولناک عجائِب و نِشان ہمارے سامنے اہلِ مِصرؔ اور فرِعونؔ اور اُس کے سب گھرانے پر کر کے دِکھائے۔ 23اور ہم کو وہاں سے نِکال لایا تاکہ ہم کو اِس مُلک میں جِسے ہم کو دینے کی قَسم اُس نے ہمارے باپ دادا سے کھائی پُہنچائے۔ 24سو خُداوند نے ہم کو اِن سب احکام پر عمل کرنے اور ہمیشہ اپنی بھلائی کے لِئے خُداوند اپنے خُدا کا خَوف ماننے کا حُکم دِیا ہے تاکہ وہ ہم کو زِندہ رکھّے جَیسا آج کے دِن ظاہرِ ہے۔ 25اور اگر ہم اِحتیاط رکھّیں کہ خُداوند اپنے خُدا کے حضُور اِن سب حُکموں کو مانیں جَیسا اُس نے ہم سے کہا ہے تو اِسی میں ہماری صداقت ہو گی۔
خُدا کی اپنی اُمّت
1جب خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو اُس مُلک میں جِس پر قبضہ کرنے کے لِئے تُو جا رہا ہے پُہنچا دے اور تیرے آگے سے اُن بُہت سی قَوموں کو یعنی حِتِّیوں اور جرجاسِیوں اور امورِیوں اور کنعانیوں اور فرِزِّیوں اور حوِّیوں اور یِبوسِیوں کو جو ساتوں قَومیں تُجھ سے بڑی اور زورآور ہیں نِکال دے۔ 2اور جب خُداوند تیرا خُدا اُن کو تیرے آگے شِکست دِلائے اور تُو اُن کو مار لے تو تُو اُن کو بِالکُل نابُود کر ڈالنا۔ تُو اُن سے کوئی عہد نہ باندھنا اور نہ اُن پر رحم کرنا۔ 3تُو اُن سے بیاہ شادی بھی نہ کرنا۔ نہ اُن کے بیٹوں کو اپنی بیٹِیاں دینا اور نہ اپنے بیٹوں کے لِئے اُن کی بیٹِیاں لینا۔ 4کیونکہ وہ تیرے بیٹوں کو میری پَیروی سے برگشتہ کر دیں گے تاکہ وہ اَور معبُودوں کی عِبادت کریں۔ یُوں خُداوند کا غضب تُم پر بھڑکے گا اور وہ تُجھ کو جلد ہلاک کر دے گا۔ 5بلکہ تُم اُن سے یہ سلُوک کرنا کہ اُن کے مذبحوں کو ڈھا دینا۔ اُن کے سُتُونوں کو ٹُکڑے ٹُکڑے کر دینا اور اُن کی یسِیرتوں کو کاٹ ڈالنا اور اُن کی تراشی ہُوئی مُورتیں آگ میں جلا دینا۔ 6کیونکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کے لِئے ایک مُقدّس قَوم ہے۔ خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو رُویِ زمِین کی اَور سب قَوموں میں سے چُن لِیا ہے تاکہ اُس کی خاص اُمّت ٹھہرے۔
7خُداوند نے جو تُم سے مُحبّت کی اور تُم کو چن لِیا تو اِس کا سبب یہ نہ تھا کہ تُم شُمار میں اَور قَوموں سے زِیادہ تھے کیونکہ تُم سب قَوموں سے شُمار میں کم تھے۔ 8بلکہ چُونکہ خُداوند کو تُم سے مُحبّت ہے اور وہ اُس قَسم کو جو اُس نے تُمہارے باپ دادا سے کھائی پُورا کرنا چاہتا تھا اِس لِئے خُداوند تُم کو اپنے زورآور ہاتھ سے نِکال لایا اور غُلامی کے گھر یعنی مِصرؔ کے بادشاہ فرِعونؔ کے ہاتھ سے تُم کو مُخلصی بخشی۔ 9سو جان لے کہ خُداوند تیرا خُدا وُہی خُدا ہے۔ وہ وفادار خُدا ہے اور جو اُس سے مُحبّت رکھتے اور اُس کے حُکموں کو مانتے ہیں اُن کے ساتھ ہزار پُشت تک وہ اپنے عہد کو قائِم رکھتا اور اُن پر رحم کرتا ہے۔ 10اور جو اُس سے عداوت رکھتے ہیں اُن کو اُن کے دیکھتے ہی دیکھتے بدلہ دے کر ہلاک کر ڈالتا ہے۔ وہ اُس کے بارے میں جو اُس سے عداوت رکھتا ہے دیر نہ کرے گا بلکہ اُسی کے دیکھتے دیکھتے اُسے بدلہ دے گا۔ 11اِس لِئے جو فرمان اور آئِین اور احکام مَیں آج کے دِن تُجھ کو بتاتا ہُوں تُو اُن کو ماننا اور اُن پر عمل کرنا۔
فرمانبرداری کی برکات
12اور تُمہارے اِن حُکموں کو سُننے اور ماننے اور اُن پر عمل کرنے کے سبب سے خُداوند تیرا خُدا بھی تیرے ساتھ اُس عہد اور رحمت کو قائِم رکھّے گا جِن کی قَسم اُس نے تیرے باپ دادا سے کھائی۔ 13اور تُجھ سے مُحبّت رکھّے گا اور تُجھ کو برکت دے گا اور بڑھائے گا اور اُس مُلک میں جِسے تُجھ کو دینے کی قَسم اُس نے تیرے باپ دادا سے کھائی وہ تیری اَولاد پر اور تیری زمِین کی پَیداوار یعنی تیرے غلّہ اور مَے اور تیل پر اور تیرے گائے بَیل کے اور بھیڑ بکرِیوں کے بچّوں پر برکت نازِل کرے گا۔ 14تُجھ کو سب قَوموں سے زِیادہ برکت دی جائے گی اور تُم میں یا تُمہارے چَوپایوں میں نہ تُو کوئی عقِیم ہو گا نہ بانجھ۔ 15اور خُداوند ہر قِسم کی بیماری تُجھ سے دُور کرے گا اور مِصرؔ کے اُن بُرے روگوں کو جِن سے تُو واقِف ہے تُجھ کو لگنے نہ دے گا بلکہ اُن کو اُن پر جو تُجھ سے عداوت رکھتے ہیں نازِل کرے گا۔ 16اور تُو اُن سب قَوموں کو جِن کو خُداوند تیرا خُدا تیرے قابُو میں کر دے گا نابُود کر ڈالنا۔ تُو اُن پر ترس نہ کھانا اور نہ اُن کے دیوتاؤں کی عِبادت کرنا ورنہ یہ تیرے لِئے ایک جال ہو گا۔
17اور اگر تیرا دِل بھی یہ کہے کہ یہ قَومیں تو مُجھ سے زِیادہ ہیں۔ مَیں اُن کو کیونکر نِکالُوں؟ 18تَو بھی تُو اُن سے نہ ڈرنا بلکہ جو کُچھ خُداوند تیرے خُدا نے فرِعونؔ اور سارے مِصرؔ سے کِیا اُسے خُوب یاد رکھنا۔ 19یعنی اُن بڑے بڑے تجربوں کو جِن کو تیری آنکھوں نے دیکھا اور اُن نِشانوں اور مُعجِزوں اور زورآور ہاتھ اور بُلند بازُو کو جِن سے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو نِکال لایا کیونکہ خُداوند تیرا خُدا اَیسا ہی اُن سب قَوموں سے کرے گا جِن سے تُو ڈرتا ہے۔ 20بلکہ خُداوند تیرا خُدا اُن میں زنبُوروں کو بھیج دے گا یہاں تک کہ جو اُن میں سے باقی بچ کر چِھپ جائیں گے وہ بھی تیرے آگے سے ہلاک ہو جائیں گے۔ 21سو تُو اُن سے دہشت نہ کھانا کیونکہ خُداوند تیرا خُدا تیرے بِیچ میں ہے اور وہ خُدایِ عظِیم اور مُہِیب ہے۔ 22اور خُداوند تیرا خُدا اُن قَوموں کو تیرے آگے سے تھوڑا تھوڑا کر کے دفع کرے گا۔ تُو ایک ہی دَم اُن کو ہلاک نہ کرنا۔ اَیسا نہ ہو کہ جنگلی درِندے بڑھ کر تُجھ پر حملہ کرنے لگیں۔ 23بلکہ خُداوند تیرا خُدا اُن کو تیرے حوالہ کرے گا اور اُن کو اَیسی شِکستِ فاش دے گا کہ وہ نابُود ہو جائیں گے۔ 24اور وہ اُن کے بادشاہوں کو تیرے قابُو میں کر دے گا اور تُو اُن کا نام صفحۂِ روزگار سے مِٹا ڈالے گا اور کوئی مَرد تیرا سامنا نہ کر سکے گا یہاں تک کہ تُو اُن کو نابُود کر دے گا۔ 25تُم اُن کے دیوتاؤں کی تراشی ہُوئی مُورتوں کو آگ سے جلا دینا اور جو چاندی یا سونا اُن پر ہو اُس کا تُو لالچ نہ کرنا اور نہ اُسے لینا تا نہ ہو کہ تُو اُس کے پھندے میں پھنس جائے کیونکہ اَیسی بات خُداوند تیرے خُدا کے آگے مکرُوہ ہے۔ 26سو تُو اَیسی مکرُوہ چِیز اپنے گھر میں لا کر اُس کی طرح نیست کر دِیا جانے کے لائِق نہ بن جانا بلکہ تُو اُس سے ازحد گھِن کھانا اور اُس سے بِالکُل نفرت رکھنا کیونکہ وہ ملعُون چِیز ہے۔
ایک اچھّے مُلک پر قبضہ ہو گا
1سب حُکموں پر جو آج کے دِن مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں تُم اِحتیاط کر کے عمل کرنا تاکہ تُم جِیتے اور بڑھتے رہو اور جِس مُلک کی بابت خُداوند نے تُمہارے باپ دادا سے قَسم کھائی ہے تُم اُس میں جا کر اُس پر قبضہ کرو۔ 2اور تُو اُس سارے طرِیق کو یاد رکھنا جِس پر اِن چالِیس برسوں میں خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو اِس بیابان میں چلایا تاکہ وہ تُجھ کو عاجِز کر کے آزمائے اور تیرے دِل کی بات دریافت کرے کہ تُو اُس کے حُکموں کو مانے گا یا نہیں۔ 3اور اُس نے تُجھ کو عاجِز کِیا بھی اور تُجھ کو بُھوکا ہونے دِیا اور وہ مَنّ جِسے نہ تُو نہ تیرے باپ دادا جانتے تھے تُجھ کو کِھلایا تاکہ تُجھ کو سِکھائے کہ اِنسان صِرف روٹی ہی سے جِیتا نہیں رہتا بلکہ ہر بات سے جو خُداوند کے مُنہ سے نِکلتی ہے وہ جِیتا رہتا ہے۔ 4اِن چالِیس برسوں میں نہ تو تیرے تن پر تیرے کپڑے پُرانے ہُوئے اور نہ تیرے پاؤں سُوجے۔ 5اور تُو اپنے دِل میں خیال رکھنا کہ جِس طرح آدمی اپنے بیٹے کو تنبِیہ کرتا ہے وَیسے ہی خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو تنبِیہ کرتا ہے۔ 6سو تُو خُداوند اپنے خُدا کی راہوں پر چلنے اور اُس کا خَوف ماننے کے لِئے اُس کے حُکموں پر عمل کرنا۔ 7کیونکہ خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو ایک اچھّے مُلک میں لِئے جاتا ہے۔ وہ پانی کی ندیوں اور اَیسے چشموں اور سوتوں کا مُلک ہے جو وادِیوں اور پہاڑوں سے پُھوٹ کر نِکلتے ہیں۔ 8وہ اَیسا مُلک ہے جہاں گیہُوں اور جَو اور انگُور اور انجِیر کے درخت اور انار ہوتے ہیں۔ وہ اَیسا مُلک ہے جہاں رَوغن دار زَیتُون اور شہد بھی ہے۔ 9اُس مُلک میں تُجھ کو روٹی بافِراط مِلے گی اور تُجھ کو کِسی چِیز کی کمی نہ ہو گی کیونکہ اُس مُلک کے پتّھر بھی لوہا ہیں اور وہاں کے پہاڑوں سے تُو تانبا کھود کر نِکال سکے گا۔ 10اور تُو کھائے گا اور سیر ہو گا اور اُس اچھّے مُلک کے لِئے جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے اُس کا شُکر بجا لائے گا۔
خُداوند کو بُھلا دینے کے خِلاف اِنتباہ
11سو خبردار رہنا کہ کہِیں اَیسا نہ ہو کہ تُو خُداوند اپنے خُدا کو بُھول کر اُس کے فرمانوں اور حُکموں اور آئِین کو جِن کو آج مَیں تُجھ کو سُناتا ہُوں ماننا چھوڑ دے۔ 12اَیسا نہ ہو کہ جب تُو کھا کر سیر ہو اور خُوشنما گھر بنا کر اُن میں رہنے لگے۔ 13اور تیرے گائے بَیل کے گلّے اور بھیڑ بکرِیاں بڑھ جائیں اور تیرے پاس چاندی اور سونا اور مال بکثرت ہو جائے۔ 14تو تیرے دِل میں غرُور سمائے اور تُو خُداوند اپنے خُدا کو بُھول جائے جو تُجھ کو مُلکِ مِصرؔ یعنی غُلامی کے گھر سے نِکال لایا ہے۔ 15اور اَیسے وسِیع اور ہَولناک بیابان میں تیرا رہبر ہُؤا جہاں جلانے والے سانپ اور بِچُّھو تھے اور جہاں کی زمِین بغَیر پانی کے سُوکھی پڑی تھی۔ وہاں اُس نے تیرے لِئے چقمق کی چٹان سے پانی نِکالا۔ 16اور تُجھ کو بیابان میں وہ مَنّ کِھلایا جِسے تیرے باپ دادا جانتے بھی نہ تھے تاکہ تُجھ کو عاجِز کرے اور تیری آزمایش کر کے آخِر میں تیرا بھلا کرے۔ 17اور اَیسا نہ ہو کہ تُو اپنے دِل میں کہنے لگے کہ میری ہی طاقت اور ہاتھ کے زور سے مُجھ کو یہ دَولت نصِیب ہُوئی ہے۔ 18بلکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کو یاد رکھنا کیونکہ وُہی تُجھ کو دَولت حاصِل کرنے کی قُوّت اِس لِئے دیتا ہے کہ اپنے اُس عہد کو جِس کی قَسم اُس نے تیرے باپ دادا سے کھائی تھی قائِم رکھّے جَیسا آج کے دِن ظاہِر ہے۔ 19اور اگر تُو کبھی خُداوند اپنے خُدا کو بُھولے اور اَور معبُودوں کا پَیرو بن کر اُن کی عِبادت اور پرستِش کرے تو مَیں آج کے دِن تُم کو آگاہ کِئے دیتا ہُوں کہ تُم ضرُور ہی نیست ہو جاؤ گے۔ 20جِن قَوموں کو خُداوند تُمہارے سامنے ہلاک کرنے کو ہے اُن ہی کی طرح تُم بھی خُداوند اپنے خُدا کی بات نہ ماننے کے سبب سے ہلاک ہو جاؤ گے۔
لوگوں کی نافرمانی
1سُن لے اَے اِسرائیلؔ آج تُجھے یَردنؔ پار اِس لِئے جانا ہے کہ تُو اَیسی قَوموں پر جو تُجھ سے بڑی اور زورآور ہیں اور اَیسے بڑے شہروں پر جِن کی فصِیلیں آسمان سے باتیں کرتی ہیں قبضہ کرے۔ 2وہاں عناقِیمؔ کی اَولاد ہیں جو بڑے بڑے اور قدآور لوگ ہیں۔ تُجھے اُن کا حال معلُوم ہے اور تُو نے اُن کی بابت یہ کہتے سُنا ہے کہ بنی عناقؔ کا مقابلہ کَون کر سکتا ہے؟ 3پس تُو آج کے دِن جان لے کہ خُداوند تیرا خُدا تیرے آگے آگے بھسم کرنے والی آگ کی طرح پار جا رہا ہے۔ وہ اُن کو فنا کرے گا اور وہ اُن کو تیرے آگے پست کرے گا اَیسا کہ تُو اُن کو نِکال کر جلد ہلاک کر ڈالے گا جَیسا خُداوند نے تُجھ سے کہا ہے۔
4اور جب خُداوند تیرا خُدا اُن کو تیرے آگے سے نِکال چُکے تو تُو اپنے دِل میں یہ نہ کہنا کہ میری صداقت کے سبب سے خُداوند مُجھے اِس مُلک پر قبضہ کرنے کو یہاں لایا کیونکہ فی الواقِع اِن کی شرارت کے سبب سے خُداوند اِن قَوموں کو تیرے آگے سے نِکالتا ہے۔ 5تُو اپنی صداقت یا اپنے دِل کی راستی کے سبب سے اُس مُلک پر قبضہ کرنے کو نہیں جا رہا ہے بلکہ خُداوند تیرا خُدا اِن قَوموں کی شرارت کے باعث اِن کو تیرے آگے سے خارِج کرتا ہے تاکہ یُوں وہ اُس وعدہ کو جِس کی قَسم اُس نے تیرے باپ دادا ابرہامؔ اور اِضحاقؔ اور یعقُوبؔ سے کھائی پُورا کرے۔ 6غرض تُو سمجھ لے کہ خُداوند تیرا خُدا تیری صداقت کے سبب سے یہ اچھّا مُلک تُجھے قبضہ کرنے کے لِئے نہیں دے رہا ہے کیونکہ تُو ایک گردن کش قَوم ہے۔
7اِس بات کو یاد رکھ اور کبھی نہ بُھول کہ تُو نے خُداوند اپنے خُدا کو بیابان میں کِس کِس طرح غُصّہ دِلایا بلکہ جب سے تُم مُلکِ مِصرؔ سے نِکلے ہو تب سے اِس جگہ پُہنچنے تک تُم برابر خُداوند سے بغاوت ہی کرتے رہے۔ 8اور حورِب ؔمیں بھی تُم نے خُداوند کو غُصّہ دِلایا چُنانچہ خُداوند ناراض ہو کر تُم کو نیست و نابُود کرنا چاہتا تھا۔ 9جب مَیں پتّھر کی دونوں لَوحوں کو یعنی اُس عہد کی لَوحوں کو جو خُداوند نے تُم سے باندھا تھا لینے کو پہاڑ پر چڑھ گیا تو مَیں چالِیس دِن اور چالِیس رات وہِیں پہاڑ پر رہا اور نہ روٹی کھائی نہ پانی پِیا۔ 10اور خُداوند نے اپنے ہاتھ کی لِکھی ہُوئی پتّھر کی دونوں لَوحیں میرے سپُرد کِیں اور اُن پر وُہی باتیں لِکھی تِھیں جو خُداوند نے پہاڑ پر آگ کے بِیچ میں سے مجمع کے دِن تُم سے کہی تِھیں۔ 11اور چالِیس دِن اور چالِیس رات کے بعد خُداوند نے پتّھر کی وہ دونوں لَوحیں یعنی عہد کی لَوحیں مُجھ کو دِیں۔
12اور خُداوند نے مُجھ سے کہا اُٹھ کر جلد یہاں سے نِیچے جا کیونکہ تیرے لوگ جِن کو تُو مِصرؔ سے نِکال لایا ہے بِگڑ گئے ہیں۔ وہ اُس راہ سے جِس کا مَیں نے اُن کو حُکم دِیا جلد برگشتہ ہو گئے اور اپنے لِئے ایک مُورت ڈھال کر بنا لی ہے۔
13اور خُداوند نے مُجھ سے یہ بھی کہا کہ مَیں نے اِن لوگوں کو دیکھ لِیا۔ یہ گردن کش لوگ ہیں۔ 14سو اب تُو مُجھے اِن کو ہلاک کرنے دے تاکہ مَیں اِن کا نام صفحۂِ روزگار سے مِٹا ڈالُوں اور مَیں تُجھ سے ایک قَوم جو اِن سے زورآور اور بڑی ہو بناؤُں گا۔
15تب مَیں اُلٹا پِھرا اور پہاڑ سے نِیچے اُترا اور پہاڑ آگ سے دہک رہا تھا اور عہد کی وہ دونوں لَوحیں میرے دونوں ہاتھوں میں تِھیں۔ 16اور مَیں نے دیکھا کہ تُم نے خُداوند اپنے خُدا کا گُناہ کِیا اور اپنے لِئے ایک بچھڑا ڈھال کر بنا لِیا ہے اور بُہت جلد اُس راہ سے جِس کا حُکم خُداوند نے تُم کو دِیا تھا برگشتہ ہو گئے۔ 17تب مَیں نے اُن دونوں لَوحوں کو اپنے دونوں ہاتھوں سے لے کر پھینک دِیا اور تُمہاری آنکھوں کے سامنے اُن کو توڑ ڈالا۔ 18اور مَیں پہلے کی طرح چالِیس دِن اور چالِیس رات خُداوند کے آگے اَوندھا پڑا رہا۔ مَیں نے نہ روٹی کھائی نہ پانی پِیا کیونکہ تُم سے بڑا گُناہ سرزد ہُؤا تھا اور خُداوند کو غُصّہ دِلانے کے لِئے تُم نے وہ کام کِیا جو اُس کی نظر میں بُرا تھا۔ 19اور میں خُداوند کے قہر اور غضب سے ڈر رہا تھا کیونکہ وہ تُم سے سخت ناراض ہو کر تُم کو نیست و نابُود کرنے کو تھا لیکن خُداوند نے اُس بار بھی میری سُن لی۔ 20اور خُداوند ہارُونؔ سے اَیسا غُصّہ تھا کہ اُسے ہلاک کرنا چاہا پر مَیں نے اُس وقت ہارُونؔ کے لِئے بھی دُعا کی۔ 21اور مَیں نے تُمہارے گُناہ کو یعنی اُس بچھڑے کو جو تُم نے بنایا تھا لے کر آگ میں جلایا۔ پِھر اُسے کُوٹ کُوٹ کر اَیسا پِیسا کہ وہ گرد کی مانِند بارِیک ہو گیا اور اُس کی اُس راکھ کو اُس ندی میں جو پہاڑ سے نِکل کر نِیچے بہتی تھی ڈال دِیا۔
22اور تبعیرؔہ اور مسّہ ؔاور قِبروت ہَتّاؔوہ میں بھی تُم نے خُداوند کو غُصّہ دِلایا۔ 23اور جب خُداوند نے تُم کو قادِسؔ بَرنِیعَ سے یہ کہہ کر روانہ کِیا کہ جاؤ اور اُس مُلک پر جو مَیں نے تُم کو دِیا ہے قبضہ کرو تو اُس وقت بھی تُم نے خُداوند اپنے خُدا کے حُکم کو عدُول کِیا اور اُس پر اِیمان نہ لائے اور اُس کی بات نہ مانی۔ 24جِس دِن سے میری تُم سے واقفِیّت ہُوئی ہے تُم برابر خُداوند سے سرکشی کرتے رہے ہو۔
25سو وہ چالِیس دِن اور چالِیس رات جو مَیں خُداوند کے آگے اَوندھا پڑا رہا اِسی لِئے پڑا رہا کیونکہ خُداوند نے کہہ دِیا تھا کہ وہ تُم کو ہلاک کرے گا۔ 26اور مَیں نے خُداوند سے یہ دُعا کی کہ اَے خُداوند خُدا! تُو اپنی قَوم اور اپنی مِیراث کے لوگوں کو جِن کو تُو نے اپنی قُدرت سے نجات بخشی اور جِن کو تُو زورآور ہاتھ سے مِصرؔ سے نِکال لایا ہلاک نہ کر۔ 27اپنے خادِموں ابرہامؔ اور اِضحاقؔ اور یعقُوبؔ کو یاد فرما اور اِس قَوم کی خُودسری اور شرارت اور گُناہ پر نظر نہ کر! 28تا اَیسا نہ ہو کہ جِس مُلک سے تُو ہم کو نِکال لایا ہے وہاں کے لوگ کہنے لگیں کہ چُونکہ خُداوند اُس مُلک میں جِس کا وعدہ اُس نے اُن سے کِیا تھا پُہنچا نہ سکا اور چُونکہ اُسے اُن سے نفرت بھی تھی اِس لِئے وہ اُن کو نِکال لے گیا تاکہ اُن کو بیابان میں ہلاک کر دے۔ 29آخِر یہ لوگ تیری قَوم اور تیری میراث ہیں جِن کو تُو اپنے بڑے زور اور بُلند بازُو سے نِکال لایا ہے۔
خُدا مُوسیٰؔ کو دوبارہ احکام دیتا ہے
1اُس وقت خُداوند نے مُجھ سے کہا کہ پہلی لَوحوں کی مانِند پتّھر کی دو اَور لَوحیں تراش لے اور میرے پاس پہاڑ پر آ جا اور ایک چوبی صندُوق بھی بنا لے۔ 2اور جو باتیں پہلی لَوحوں پر جِن کو تُو نے توڑ ڈالا لِکھی تِھیں وُہی مَیں اِن لَوحوں پر بھی لِکھ دُوں گا۔ پِھر تُو اِن کو اُس صندُوق میں دھر دینا۔
3سو مَیں نے کِیکر کی لکڑی کا ایک صندُوق بنایا اور پہلی لَوحوں کی مانِند پتّھر کی دو لَوحیں تراش لِیں اور اُن دونوں لَوحوں کو اپنے ہاتھ میں لِئے ہُوئے پہاڑ پر چڑھ گیا۔ 4اور جو دس حُکم خُداوند نے مجمع کے دِن پہاڑ پر آگ کے بِیچ میں سے تُم کو دِئے تھے اُن ہی کو پہلی تحرِیر کے مُطابِق اُس نے اِن لَوحوں پر لِکھ دِیا۔ پِھر اِن کو خُداوند نے میرے سپُرد کِیا۔ 5تب مَیں پہاڑ سے لَوٹ کر نِیچے آیا اور اِن لَوحوں کو اُس صندُوق میں جو مَیں نے بنایا تھا دھر دِیا اور خُداوند کے حُکم کے مُطابِق جو اُس نے مُجھے دِیا تھا وہ وہِیں رکھی ہُوئی ہیں۔
6(پِھر بنی اِسرائیلؔ بیروتِ ؔبنی یَعَقانؔ سے روانہ ہو کر موسیرؔہ میں آئے۔ وہِیں ہارُونؔ نے رِحلت کی اور دفن بھی ہُؤا اور اُس کا بیٹا الِیعزؔر کہانت کے مَنصب پر مُقرّر ہو کر اُس کی جگہ خِدمت کرنے لگا۔ 7وہاں سے وہ جُدؔجُودہ کو اور جُدؔجُودہ سے یوطباتؔ کو چلے۔ اِس مُلک میں پانی کی ندیاں ہیں۔ 8اُسی مَوقع پر خُداوند نے لاوی کے قبِیلہ کو اِس غرض سے الگ کِیا کہ وہ خُداوند کے عہد کے صندُوق کو اُٹھایا کرے اور خُداوند کے حضُور کھڑا ہو کر اُس کی خِدمت کو انجام دے اور اُس کے نام سے برکت دِیا کرے جَیسا آج تک ہوتا ہے۔ 9اِسی لِئے لاوؔی کو کوئی حِصّہ یا مِیراث اُس کے بھائِیوں کے ساتھ نہیں مِلی کیونکہ خُداوند اُس کی مِیراث ہے جَیسا خُود خُداوند تیرے خُدا نے اُس سے کہا ہے)۔
10اور مَیں پہلے کی طرح چالِیس دِن اور چالِیس رات پہاڑ پر ٹھہرا رہا اور اِس دفعہ بھی خُداوند نے میری سُنی اور نہ چاہا کہ تُجھ کو ہلاک کرے۔ 11پِھر خُداوند نے مُجھ سے کہا اُٹھ اور اِن لوگوں کے آگے روانہ ہو تاکہ یہ اُس مُلک پر جا کر قبضہ کر لیں جِسے اُن کو دینے کی قَسم مَیں نے اُن کے باپ دادا سے کھائی تھی۔
خُدا کیا تقاضا کرتا ہے
12پس اَے اِسرائیلؔ! خُداوند تیرا خُدا تُجھ سے اِس کے سِوا اور کیا چاہتا ہے کہ تُو خُداوند اپنے خُدا کا خَوف مانے اور اُس کی سب راہوں پر چلے اور اُس سے مُحبّت رکھّے اور اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے خُداوند اپنے خُدا کی بندگی کرے۔ 13اور خُداوند کے جو احکام اور آئِین مَیں تُجھ کو آج بتاتا ہُوں اُن پر عمل کرے تاکہ تیری خَیر ہو؟ 14دیکھ آسمان اور آسمانوں کا آسمان اور زمِین اور جو کُچھ زمِین میں ہے یہ سب خُداوند تیرے خُدا ہی کا ہے۔ 15تَو بھی خُداوند نے تیرے باپ دادا سے خُوش ہو کر اُن سے مُحبّت کی اور اُن کے بعد اُن کی اَولاد کو یعنی تُم کو سب قَوموں میں سے برگُزِیدہ کِیا جَیسا آج کے دِن ظاہِر ہے۔ 16اِس لِئے اپنے دِلوں کا خَتنہ کرو اور آگے کو گردن کش نہ رہو۔ 17کیونکہ خُداوند تُمہارا خُدا اِلہٰوں کا اِلہٰ خُداوندوں کا خُداوند ہے۔ وہ بزُرگوار اور قادِر اور مُہِیب خُدا ہے جو رُو رِعایت نہیں کرتا اور نہ رِشوت لیتا ہے۔ 18وہ یتِیموں اور بیواؤں کا اِنصاف کرتا ہے اور پردیسی سے اَیسی مُحبّت رکھتا ہے کہ اُسے کھانا اور کپڑا دیتا ہے۔ 19سو تُم پردیسِیوں سے مُحبّت رکھنا کیونکہ تُم بھی مُلکِ مِصرؔ میں پردیسی تھے۔ 20تُو خُداوند اپنے خُدا کا خَوف ماننا۔ اُس کی بندگی کرنا اور اُس سے لِپٹے رہنا اور اُسی کے نام کی قَسم کھانا۔ 21وُہی تیری حمد کا سزاوار ہے اور وُہی تیرا خُدا ہے جِس نے تیرے لِئے وہ بڑے اور ہَولناک کام کِئے جِن کو تُو نے اپنی آنکھوں سے دیکھا۔ 22تیرے باپ دادا جب مِصرؔ میں گئے تو ستّر آدمی تھے پر اب خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو بڑھا کر آسمان کے سِتاروں کی مانِند کر دِیا ہے۔
خُداوند کی بزُرگی
1سو تُو خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھنا اور اُس کی شرع اور آئِین اور احکام اور فرمانوں پر سدا عمل کرنا۔ 2اور تُم آج کے دِن خُوب سمُجھ لو کیونکہ مَیں تُمہارے بال بچّوں سے کلام نہیں کر رہا ہُوں جِن کو نہ تو معلُوم ہے اور نہ اُنہوں نے دیکھا کہ خُداوند تُمہارے خُدا کی تنبِیہ اور اُس کی عظمت اور زورآور ہاتھ اور بُلند بازُو سے کیا کیا ہُؤا۔ 3اور مِصرؔ کے بِیچ مِصرؔ کے بادشاہ فرِعونؔ اور اُس کے مُلک کے لوگوں کو کَیسے کَیسے نِشان اور کَیسی کرامات دِکھائیں۔ 4اور اُس نے مِصرؔ کے لشکر اور اُن کے گھوڑوں اور رتھوں کا کیا حال کِیا اور کَیسے اُس نے بحرِ قُلزؔم کے پانی میں اُن کو غرق کِیا جب وہ تُمہارا پِیچھا کر رہے تھے اور خُداوند نے اُن کو کَیسا ہلاک کِیا کہ آج کے دِن تک وہ نابُود ہیں۔ 5اور تُمہارے اِس جگہ پُہنچے تک اُس نے بیابان میں تُم سے کیا کیا کِیا۔ 6اور داتنؔ اور اَبِیرامؔ کا جو اِلیابؔ بن رُوبِنؔ کے بیٹے تھے کیا حال بنایا کہ سب اِسرائیلِیوں کے سامنے زمِین نے اپنا مُنہ پسار کر اُن کو اور اُن کے گھرانوں اور خَیموں اور ہر ذِی نفس کو جو اُن کے ساتھ تھا نِگل لِیا۔ 7پر خُداوند کے اِن سب بڑے بڑے کاموں کو تُم نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔
مُلکِ مَوعُود کی برکات
8اِس لِئے اِن سب حُکموں کو جو آج مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں تُم ماننا تاکہ تُم مضبُوط ہو کر اُس مُلک میں جِس پر قبضہ کرنے کے لِئے تُم پار جا رہے ہو پُہنچ جاؤ اور اُس پر قبضہ بھی کر لو۔ 9اور اُس مُلک میں تُمہاری عُمر دراز ہو جِس میں دُودھ اور شہد بہتا ہے اور جِسے تُمہارے باپ دادا اور اُن کی اَولاد کو دینے کی قَسم خُداوند نے اُن سے کھائی تھی۔ 10کیونکہ جِس مُلک پر تُو قبضہ کرنے کو جا رہا ہے وہ مُلک مِصرؔ کی مانِند نہیں ہے جہاں سے تُم نِکل آئے ہو۔ وہاں تو تُو بِیج بو کر اُسے سبزی کے باغ کی طرح پاؤں سے نالِیاں بنا کر سِینچتا تھا۔ 11لیکن جِس مُلک پر قبضہ کرنے کے لِئے تُم پار جانے کو ہو وہ پہاڑوں اور وادِیوں کا مُلک ہے اور بارِش کے پانی سے سیراب ہُؤا کرتا ہے۔ 12اُس مُلک پر خُداوند تیرے خُدا کی توجُّہ رہتی ہے اور سال کے شرُوع سے سال کے آخِر تک خُداوند تیرے خُدا کی آنکھیں اُس پر لگی رہتی ہیں۔
13اور اگر تُم میرے حُکموں کو جو آج مَیں تُم کو دیتا ہُوں دِل لگا کر سُنو اور خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھّو اور اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے اُس کی بندگی کرو۔ 14تو مَیں تُمہارے مُلک میں عَین وقت پر پہلا اور پِچھلا مینہہ برساؤُں گا تاکہ تُو اپنا غلّہ اور مَے اور تیل جمع کر سکے۔ 15اور مَیں تیرے چَوپایوں کے لِئے مَیدان میں گھاس پَیدا کرُوں گا اور تُو کھائے گا اور سیر ہو گا۔ 16سو تُم خبردار رہنا تا اَیسا نہ ہو کہ تُمہارے دِل دھوکا کھائیں اور تُم بہک کر اَور معبُودوں کی عِبادت اور پرستِش کرنے لگو۔ 17اور خُداوند کا غضب تُم پر بھڑکے اور وہ آسمان کو بند کر دے تاکہ مینہہ نہ برسے اور زمِین میں کُچھ پَیداوار نہ ہو اور تُم اِس اچھّے مُلک سے جو خُداوند تُم کو دیتا ہے جلد فنا ہو جاؤ۔
18اِس لِئے میری اِن باتوں کو تُم اپنے دِل اور اپنی جان میں محفُوظ رکھنا اور نِشان کے طَور پر اِن کو اپنے ہاتھوں پر باندھنا اور وہ تُمہاری پیشانی پر ٹِیکوں کی مانِند ہوں۔ 19اور تُم اِن کو اپنے لڑکوں کو سِکھانا اور تُو گھر بَیٹھے اور راہ چلتے اور لیٹتے اور اُٹھتے وقت اِن ہی کا ذِکر کِیا کرنا۔ 20اور تُو اِن کو اپنے گھر کی چَوکھٹوں پر اور اپنے پھاٹکوں پر لِکھا کرنا۔ 21تاکہ جب تک زمِین پر آسمان کا سایہ ہے تُمہاری اور تُمہاری اَولاد کی عُمر اُس مُلک میں دراز ہو جِس کو خُداوند نے تُمہارے باپ دادا کو دینے کی قَسم اُن سے کھائی تھی۔
22کیونکہ اگر تُم اُن سب حُکموں کو جو مَیں تُم کو دیتا ہُوں جانفشانی سے مانو اور اُن پر عمل کرو اور خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھّو اور اُس کی سب راہوں پر چلو اور اُس سے لِپٹے رہو۔ 23تو خُداوند اِن سب قَوموں کو تُمہارے آگے سے نِکال ڈالے گا اور تُم اُن قَوموں پر جو تُم سے بڑی اور زورآور ہیں قابِض ہو گے۔ 24جہاں جہاں تُمہارے پاؤں کا تلوا ٹِکے وہ جگہ تُمہاری ہو جائے گی یعنی بیابان اور لُبنان سے اور دریایِ فرات سے مغرِب کے سمُندر تک تُمہاری سرحد ہو گی۔ 25اور کوئی شخص وہاں تُمہارا مُقابلہ نہ کر سکے گا کیونکہ خُداوند تُمہارا خُدا تُمہارا رُعب اور خَوف اُس تمام مُلک میں جہاں کہِیں تُمہارے قدم پڑیں پَیدا کر دے گا جَیسا اُس نے تُم سے کہا ہے۔
26دیکھو مَیں آج کے دِن تُمہارے آگے برکت اور لَعنت دونوں رکھّے دیتا ہُوں۔ 27برکت اُس حال میں جب تُم خُداوند اپنے خُدا کے حُکموں کو جو آج مَیں تُم کو دیتا ہُوں مانو۔ 28اور لَعنت اُس وقت جب تُم خُداوند اپنے خُدا کی فرمانبرداری نہ کرو اور اُس راہ کو جِس کی بابت مَیں آج تُم کو حُکم دیتا ہُوں چھوڑ کر اَور معبُودوں کی پَیروی کرو جِن سے تُم اب تک واقِف نہیں۔ 29اور جب خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو اُس مُلک میں جِس پر قبضہ کرنے کو تُو جا رہا ہے پُہنچا دے تو کوہِ گرِزِیم ؔپر سے برکت اور کوہِ عیباؔل پر سے لَعنت سُنانا۔ 30وہ دونوں پہاڑ یَردنؔ پار مغرِب کی طرف اُن کنعانیوں کے مُلک میں واقِع ہیں جو جِلجالؔ کے مُقابِل مورہ کے بلُوطوں کے قرِیب مَیدان میں رہتے ہیں۔ 31اور تُم یَردنؔ پار اِسی لِئے جانے کو ہو کہ اُس مُلک پر جو خُداوند تُمہارا خُدا تُم کو دیتا ہے قبضہ کرو اور تُم اُس پر قبضہ کرو گے بھی اور اُسی میں بسو گے۔ 32سو تُم اِحتیاط کر کے اُن سب آئِین اور احکام پر عمل کرنا جِن کو مَیں آج تُمہارے سامنے پیش کرتا ہُوں۔
عِبادت کے لِئے ایک جگہ
1جب تک تُم دُنیا میں زِندہ رہو تُم اِحتیاط کر کے اِن ہی آئِین اور احکام پر اُس مُلک میں عمل کرنا جِسے خُداوند تیرے باپ دادا کے خُدا نے تُجھ کو دِیا ہے تاکہ تُو اُس پر قبضہ کرے۔ 2وہاں تُم ضرُور اُن سب جگہوں کو نیست و نابُود کر دینا جہاں جہاں وہ قَومیں جِن کے تُم وارِث ہو گے اُونچے اُونچے پہاڑوں پر اور ٹیلوں پر اور ہر ایک ہرے درخت کے نِیچے اپنے دیوتاؤں کی پُوجا کرتی تِھیں۔ 3تُم اُن کے مذبحوں کو ڈھا دینا اور اُن کے سُتُونوں کو توڑ ڈالنا اور اُن کی یسِیرتوں کو آگ لگا دینا اور اُن کے دیوتاؤں کی کُھدی ہُوئی مُورتوں کو کاٹ کر گِرا دینا اور اُس جگہ سے اُن کے نام تک کو مِٹا ڈالنا۔
4پر خُداوند اپنے خُدا سے اَیسا نہ کرنا۔ 5بلکہ جِس جگہ کو خُداوند تُمہارا خُدا تُمہارے سب قبِیلوں میں سے چُن لے تاکہ وہاں اپنا نام قائِم کرے تُم اُس کے اُسی مسکن کے طالِب ہو کر وہاں جایا کرنا۔ 6اور وہِیں تُم اپنی سوختنی قُربانیوں اور ذبِیحوں اور دَہ یکِیوں اور اُٹھانے کی قُربانیوں اور اپنی مَنتّوں کی چِیزوں اور اپنی رضا کی قُربانیوں اور گائے بَیلوں اور بھیڑ بکرِیوں کے پہلوٹھوں کو گُذراننا۔ 7اور وہِیں خُداوند اپنے خُدا کے حضُور کھانا اور اپنے گھرانوں سمیت اپنے ہاتھ کی کمائی کی خُوشی بھی کرنا جِس میں خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو برکت بخشی ہو۔
8اور جَیسے ہم یہاں جو کام جِس کو ٹِھیک دِکھائی دیتا ہے وُہی کرتے ہیں اَیسے تُم وہاں نہ کرنا۔ 9کیونکہ تُم اب تک اُس آرام گاہ اور مِیراث کی جگہ تک جو خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے نہیں پُہنچے ہو۔ 10لیکن جب تُم یَردنؔ پار جا کر اُس مُلک میں جِس کا مالِک خُداوند تُمہارا خُدا تُم کو بناتا ہے بس جاؤ اور وہ تُمہارے سب دُشمنوں کی طرف سے جو گِرداگِرد ہیں تُم کو راحت دے اور تُم امن سے رہنے لگو۔ 11تو وہاں جِس جگہ کو خُداوند تُمہارا خُدا اپنے نام کے مسکن کے لِئے چُن لے وہِیں تُم یہ سب کُچھ جِس کا مَیں تُم کو حُکم دیتا ہُوں لے جایا کرنا یعنی اپنی سوختنی قُربانِیاں اور اپنے ذبِیحے اور اپنی دَہ یکیاں اور اپنے ہاتھ کے اُٹھائے ہُوئے ہدئے اور اپنی خاص نذر کی چِیزیں جِن کی مَنّت تُم نے خُداوند کے لِئے مانی ہو۔ 12اور وہِیں تُم اور تُمہارے بیٹے بیٹِیاں اور تُمہارے نَوکر چاکر اور لَونڈیاں اور وہ لاوی بھی جو تُمہارے پھاٹکوں کے اندر رہتا ہو اور جِس کا کوئی حِصّہ یا مِیراث تُمہارے ساتھ نہیں سب کے سب مِل کر خُداوند اپنے خُدا کے حضُور خُوشی منانا۔ 13اور تُو خبردار رہنا تا اَیسا نہ ہو کہ جِس جگہ کو دیکھ لے وہِیں اپنی سوختنی قُربانی چڑھائے۔ 14بلکہ فقط اُسی جگہ جِسے خُداوند تیرے کِسی قبِیلہ میں چُن لے تُو اپنی سوختنی قُربانِیاں گُذراننا اور وہِیں سب کُچھ جِس کا مَیں تُجھ کو حُکم دیتا ہُوں کرنا۔
15پر گوشت کو تُو اپنے سب پھاٹکوں کے اندر اپنے دِل کی رغبت اور خُداوند اپنے خُدا کی دی ہُوئی برکت کے مُوافِق ذبح کر کے کھا سکے گا۔ پاک اور ناپاک دونوں طرح کے آدمی اُسے کھا سکیں گے جَیسے چکارے اور ہرن کو کھاتے ہیں۔ 16لیکن تُم خُون کو بِالکُل نہ کھانا بلکہ تُو اُسے پانی کی طرح زمِین پر اُنڈیل دینا۔ 17اور تُو اپنے پھاٹکوں کے اندر اپنے غلّہ اور مَے اور تیل کی دَہ یکِیاں اور گائے بَیلوں اور بھیڑ بکرِیوں کے پہلوٹھے اور اپنی مَنّت مانی ہُوئی چِیزیں اور رضا کی قُربانِیاں اور اپنے ہاتھ کی اُٹھائی ہُوئی قُربانِیاں کبھی نہ کھانا۔ 18بلکہ تُو اور تیرے بیٹے بیٹِیاں اور تیرے نَوکر چاکر اور لَونڈِیاں اور وہ لاوی بھی جو تیرے پھاٹکوں کے اندر ہو اُن چِیزوں کو خُداوند اپنے خُدا کے حضُور اُس جگہ کھانا جِسے خُداوند تیرا خُدا چُن لے اور تُو خُداوند اپنے خُدا کے حضُور اپنے ہاتھ کی کمائی کی خُوشی منانا۔ 19اور خبردار جب تک تُو اپنے مُلک میں جِیتا رہے لاوِیوں کو چھوڑ نہ دینا۔
20جب خُداوند تیرا خُدا اُس وعدہ کے مُطابِق جو اُس نے تُجھ سے کِیا ہے تیری سرحد کو بڑھائے اور تیرا جی گوشت کھانے کو کرے اور تُو کہنے لگے کہ مَیں تو گوشت کھاؤُں گا تو تُو جَیسا تیرا جی چاہے گوشت کھا سکتا ہے۔ 21اور اگر وہ جگہ جِسے خُداوند تیرے خُدا نے اپنے نام کو وہاں قائِم کرنے کے لِئے چُنا ہو تیرے مکان سے بُہت دُور ہو تو تُو اپنے گائے بَیل اور بھیڑ بکری میں سے جِن کو خُداوند نے تُجھ کو دِیا ہے کِسی کو ذبح کر لینا اور جَیسا مَیں نے تُجھ کو حُکم دِیا ہے تُو اُس کے گوشت کو اپنے دِل کی رغبت کے مُطابِق اپنے پھاٹکوں کے اندر کھانا۔ 22جَیسے چکارے اور ہرن کو کھاتے ہیں وَیسے ہی تُو اُسے کھانا۔ پاک اور ناپاک دونوں طرح کے آدمی اُسے یکساں کھا سکیں گے۔ 23فقط اِتنی اِحتیاط ضرُور رکھنا کہ تُو خُون کو نہ کھانا کیونکہ خُون ہی تو جان ہے۔ سو تُو گوشت کے ساتھ جان کو ہرگِز نہ کھانا۔ 24تُو اُس کو کھانا مت بلکہ اُسے پانی کی طرح زمِین پر اُنڈیل دینا۔ 25تُو اُسے نہ کھانا تاکہ تیرے اُس کام کے کرنے سے جو خُداوند کی نظر میں ٹِھیک ہے تیرا اور تیرے ساتھ تیری اَولاد کا بھی بھلا ہو۔ 26پر اپنی مُقدّس اشیا کو جو تیرے پاس ہوں اور اپنی مَنتّوں کی چِیزوں کو اُسی جگہ لے جانا جِسے خُداوند چُن لے۔ 27اور وہِیں اپنی سوختنی قُربانیوں کا گوشت اور خُون دونوں خُداوند اپنے خُدا کے مذبح پر چڑھانا اور خُداوند تیرے خُدا ہی کے مذبح پر تیرے ذبِیحوں کا خُون اُنڈیلا جائے مگر اُن کا گوشت تُو کھانا۔ 28اِن سب باتوں کو جِن کا مَیں تُجھ کو حُکم دیتا ہُوں غَور سے سُن لے تاکہ تیرے اُس کام کے کرنے سے جو خُداوند تیرے خُدا کی نظر میں اچھّا اور ٹِھیک ہے تیرا اور تیرے بعد تیری اَولاد کا بھلا ہو۔
بُت پرستی کے خِلاف اِنتباہ
29جب خُداوند تیرا خُدا تیرے سامنے سے اُن قَوموں کو اُس جگہ جہاں تُو اُن کا وارِث ہونے کو جا رہا ہے کاٹ ڈالے اور تُو اُن کا وارِث ہو کر اُن کے مُلک میں بس جائے۔ 30تو تُو خبردار رہنا تا اَیسا نہ ہو کہ جب وہ تیرے آگے سے نابُود ہو جائیں تو تُو اِس پھندے میں پھنس جائے کہ اُن کی پَیروی کرے اور اُن کے دیوتاؤں کے بارے میں یہ دریافت کرے کہ یہ قَومیں کِس طرح سے اپنے دیوتاؤں کی پُوجا کرتی ہیں؟ مَیں بھی وَیسا ہی کرُوں گا۔ 31تُو خُداوند اپنے خُدا کے لِئے اَیسا نہ کرنا کیونکہ جِن جِن کاموں سے خُداوند کو نفرت اور عداوت ہے وہ سب اُنہوں نے اپنے دیوتاؤں کے لِئے کِئے ہیں بلکہ اپنے بیٹوں اور بیٹِیوں کو بھی وہ اپنے دیوتاؤں کے نام پر آگ میں ڈال کر جلا دیتے ہیں۔
32جِس جِس بات کا مَیں حُکم کرتا ہُوں تُم اِحتیاط کر کے اُس پر عمل کرنا اور تُو اُس میں نہ تو کُچھ بڑھانا اور نہ اُس میں سے کُچھ گھٹانا۔
1اگر تیرے درمیان کوئی نبی یا خواب دیکھنے والا ظاہِر ہو اور تُجھ کو کِسی نِشان یا عجِیب بات کی خبر دے۔ 2اور وہ نِشان یا عجِیب بات جِس کی اُس نے تُجھ کو خبر دی وقُوع میں آئے اور وہ تُجھ سے کہے کہ آ ہم اَور معبُودوں کی جِن سے تُو واقِف نہیں پَیروی کر کے اُن کی پُوجا کریں۔ 3تو تُو ہرگِز اُس نبی یا خواب دیکھنے والے کی بات کو نہ سُننا کیونکہ خُداوند تُمہارا خُدا تُم کو آزمائے گا تاکہ جان لے کہ تُم خُداوند اپنے خُدا سے اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے مُحبّت رکھتے ہو یا نہیں۔ 4تُم خُداوند اپنے خُدا کی پَیروی کرنا اور اُس کا خَوف ماننا اور اُس کے حُکموں پر چلنا اور اُس کی بات سُننا۔ تُم اُسی کی بندگی کرنا اور اُسی سے لِپٹے رہنا۔ 5وہ نبی یا خواب دیکھنے والا قتل کِیا جائے کیونکہ اُس نے تُم کو خُداوند تُمہارے خُدا سے (جِس نے تُم کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکالا اور تُجھ کو غُلامی کے گھر سے رہائی بخشی) بغاوت کرنے کی ترغِیب دی تاکہ تُجھ کو اُس راہ سے جِس پر خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو چلنے کا حُکم دِیا ہے بہکائے۔ یُوں تُو اپنے بِیچ میں سے اَیسی بدی کو دُور کر دینا۔
6اگر تیرا بھائی یا تیری ماں کا بیٹا یا تیرا بیٹا یا بیٹی یا تیری ہم آغوش بِیوی یا تیرا دوست جِس کو تُو اپنی جان کے برابر عزِیز رکھتا ہے تُجھ کو چُپکے چُپکے پُھسلا کر کہے کہ چلو ہم اَور دیوتاؤں کی پُوجا کریں جِن سے تُو اور تیرے باپ دادا واقِف بھی نہیں۔ 7یعنی اُن لوگوں کے دیوتا جو تُمہارے گرِداگِرد تیرے نزدِیک رہتے ہیں یا تُجھ سے دُور زمِین کے اِس سِرے سے اُس سِرے تک بسے ہُوئے ہیں۔ 8تو تُو اِس پر اُس کے ساتھ رضامند نہ ہونا اور نہ اُس کی بات سُننا۔ تُو اُس پر ترس بھی نہ کھانا اور نہ اُس کی رِعایت کرنا اور نہ اُسے چِھپانا۔ 9بلکہ تُو اُس کو ضرُور قتل کرنا اور اُس کو قتل کرتے وقت پہلے تیرا ہاتھ اُس پر پڑے۔ اُس کے بعد سب قَوم کا ہاتھ۔ 10اور تُو اُسے سنگسار کرنا تاکہ وہ مَر جائے کیونکہ اُس نے تُجھ کو خُداوند تیرے خُدا سے جو تُجھ کو مُلکِ مِصرؔ یعنی غُلامی کے گھر سے نِکال لایا برگشتہ کرنا چاہا۔ 11تب سب اِسرائیلؔ سُن کر ڈریں گے اور تیرے درمیان پِھر اَیسی شرارت نہیں کریں گے۔
12اور جو شہر خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو رہنے کو دِئے ہیں اگر اُن میں سے کِسی کے بارے میں تُو یہ افواہ سُنے کہ 13چند خبِیث آدمِیوں نے تیرے ہی بِیچ میں سے نِکل کر اپنے شہر کے لوگوں کو یہ کہہ کر گُمراہ کر دِیا ہے کہ چلو! ہم اَور معبُودوں کی جِن سے تُم واقِف نہیں پُوجا کریں۔ 14تو تُو دریافت اور خُوب تفتِیش کر کے پتا لگانا اور دیکھ اگر یہ سچ ہو اور قطعی یِہی بات نِکلے کہ اَیسا مکرُوہ کام تیرے درمیان کِیا گیا۔ 15تو تُو اُس شہر کے باشِندوں کو تلوار سے ضرُور قتل کر ڈالنا اور وہاں کا سب کُچھ اور چَوپائے وغیرہ تلوار ہی سے نیست و نابُود کر دینا۔ 16اور وہاں کی ساری لُوٹ کو چَوک کے بِیچ جمع کر کے اُس شہر کو اور وہاں کی لُوٹ کو تِنکا تِنکا خُداوند اپنے خُدا کے حضُور آگ سے جلا دینا اور وہ ہمیشہ کو ایک ڈھیر سا پڑا رہے اور پِھر کبھی بنایا نہ جائے۔ 17اور اُن مخصُوص کی ہُوئی چِیزوں میں سے کُچھ بھی تیرے ہاتھ میں نہ رہے تاکہ خُداوند اپنے قہرِ شدِید سے باز آئے اور جَیسا اُس نے تیرے باپ دادا سے قَسم کھائی ہے اُس کے مُطابِق تُجھ پر رحم کرے اور ترس کھائے اور تُجھ کو بڑھائے۔ 18یہ تب ہی ہو گا جب تُو خُداوند اپنے خُدا کی بات مان کر اُس کے حُکموں پر جو آج مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں چلے اور جو کُچھ خُداوند تیرے خُدا کی نظر میں ٹِھیک ہے اُسی کو کرے۔
ماتم میں ایک رسم کی ممانعت
1تُم خُداوند اپنے خُدا کے فرزند ہو۔ تُم مُردوں کے سبب سے اپنے آپ کو زخمی نہ کرنا اور نہ اپنے ابرُو کے بال مُنڈوانا۔ 2کیونکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کی مُقدّس قَوم ہے اور خُداوند نے تُجھ کو رُویِ زمِین کی اَور سب قَوموں میں سے چُن لِیا ہے تاکہ تُو اُس کی خاص قَوم ٹھہرے۔
پاک اور ناپاک جانور
3تُو کسی گھِنَونی چِیز کو مت کھانا۔ 4جِن چَوپایوں کو تُم کھا سکتے ہو وہ یہ ہیں یعنی گائے بَیل اور بھیڑ اور بکری۔ 5اور ہرن اور چکارا اور چھوٹا ہرن اور بُزِ کوہی اور سابر اور نِیل گائے اور جنگلی بھیڑ۔ 6اَور چَوپایوں میں سے جِس جِس کے پاؤں الگ اور چِرے ہُوئے ہیں اور وہ جُگالی بھی کرتا ہو تُم اُسے کھا سکتے ہو۔ 7لیکن اُن میں سے جو جُگالی کرتے ہیں یا اُن کے پاؤں چِرے ہُوئے ہیں تُم اُن کو یعنی اُونٹ اور خرگوش اور سافان کو نہ کھانا کیونکہ یہ جُگالی کرتے ہیں لیکن اِن کے پاؤں چِرے ہُوئے نہیں ہیں سو یہ تُمہارے لِئے ناپاک ہیں۔ 8اور سُؤر تُمہارے لِئے اِس سبب سے ناپاک ہے کہ اُس کے پاؤں تو چِرے ہُوئے ہیں پر وہ جُگالی نہیں کرتا۔ تُم نہ تو اُن کا گوشت کھانا اور نہ اُن کی لاش کو ہاتھ لگانا۔
9آبی جانوروں میں سے تُم اُن ہی کو کھانا جِن کے پر اور چِھلکے ہوں۔ 10لیکن جِس کے پر اور چِھلکے نہ ہوں تُم اُسے مت کھانا۔ وہ تُمہارے لِئے ناپاک ہے۔
11پاک پرِندوں میں سے تُم جِسے چاہو کھا سکتے ہو۔ 12لیکن اِن میں سے تُم کِسی کو نہ کھانا یعنی عُقاب اور اُستخوان خوار اور بحری عُقاب۔ 13اور چِیل اور باز اور گدھ اور اُن کی اِقسام۔ 14ہر قِسم کا کوّا۔ 15اور شُتر مُرغ اور چُغد اور کوکل اور قِسم قِسم کے شاہِین۔ 16اور بُوم اور اُلُّو اور قاز۔ 17اور حواصِل اور رخم اور ہڑگیلا۔ 18اور لقلق اور ہر قِسم کا بگلا اور ہُدہُد اور چمگادڑ۔
19اور سب پردار رینگنے والے جاندار تُمہارے لِئے ناپاک ہیں۔ وہ کھائے نہ جائیں۔ 20اور پاک پرِندوں میں سے تُم جِسے چاہو کھاؤ۔
21جو جانور آپ ہی مَر جائے تُم اُسے مت کھانا۔ تو اُسے کِسی پردیسی کو جو تیرے پھاٹکوں کے اندر ہو کھانے کو دے سکتا ہے یا اُسے کِسی اجنبی آدمی کے ہاتھ بیچ سکتا ہے کیونکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کی مُقدّس قَوم ہے۔
تُو حلوان کو اُسی کی ماں کے دُودھ میں نہ اُبالنا۔
دَہ یکی کا حُکم
22تُو اپنے غلّہ میں سے جو سال بسال تیرے کھیتوں میں پَیدا ہو دَہ یکی دینا۔ 23اور تُو خُداوند اپنے خُدا کے حضُور اُسی مقام میں جِسے وہ اپنے نام کے مسکن کے لِئے چُنے اپنے غلّہ اور مَے اور تیل کی دَہ یکی کو اور اپنے گائے بَیل اور بھیڑ بکرِیوں کے پہلوٹھوں کو کھانا تاکہ تُو ہمیشہ خُداوند اپنے خُدا کا خَوف ماننا سِیکھے۔ 24اور اگر وہ جگہ جِس کو خُداوند تیرا خُدا اپنے نام کو وہاں قائِم کرنے کے لِئے چُنے تیرے گھر سے بُہت دُور ہو اور راستہ بھی اِس قدر لمبا ہو کہ تُو اپنی دَہ یکی کو اُس حال میں جب خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو برکت بخشے وہاں تک نہ لے جا سکے۔ 25تو تُو اُسے بیچ کر رُوپَے کو باندھ ہاتھ میں لِئے ہُوئے اُس جگہ چلے جانا جِسے خُداوند تیرا خُدا چُنے۔ 26اور اِس رُوپَے سے جو کُچھ تیرا جی چاہے خواہ گائے بَیل یا بھیڑ بکری یا مَے یا شراب مول لے کر اُسے اپنے گھرانے سمیت وہاں خُداوند اپنے خُدا کے حضُور کھانا اور خُوشی منانا۔
27اور لاوی کو جو تیرے پھاٹکوں کے اندر ہے چھوڑ نہ دینا کیونکہ اُس کا تیرے ساتھ کوئی حِصّہ یا میراث نہیں ہے۔ 28تِین تِین برس کے بعد تُو تِیسرے برس کے مال کی ساری دَہ یکی نِکال کر اُسے اپنے پھاٹکوں کے اندر اِکٹّھا کرنا۔ 29تب لاوی جِس کا تیرے ساتھ کوئی حِصّہ یا مِیراث نہیں اور پردیسی اور یتِیم اور بیوہ عَورتیں جو تیرے پھاٹکوں کے اندر ہوں آئیں اور کھا کر سیر ہوں تاکہ خُداوند تیرا خُدا تیرے سب کاموں میں جِن کو تُو ہاتھ لگائے تُجھ کو برکت بخشے۔
ساتواں سال
1ہر سات سال کے بعد تُو چُھٹکارا دِیا کرنا۔ 2اور چُھٹکارا دینے کا طرِیقہ یہ ہو کہ اگر کِسی نے اپنے پڑوسی کو کُچھ قرض دِیا ہو تو وہ اُسے چھوڑ دے اور اپنے پڑوسی سے یا بھائی سے اُس کا مُطالبہ نہ کرے کیونکہ خُداوند کے نام سے اِس چُھٹکارے کا اِعلان ہُؤا ہے۔ 3پردیسی سے تُو اُس کا مُطالبہ کر سکتا ہے پر جو کُچھ تیرا تیرے بھائی پر آتا ہو اُس کی طرف سے دست بردار ہو جانا۔
4تیرے درمیان کوئی کنگال نہ رہے کیونکہ خُداوند تُجھ کو اِس مُلک میں ضرُور برکت بخشے گا جِسے خُود خُداوند تیرا خُدا مِیراث کے طَور پر تُجھ کو قبضہ کرنے کو دیتا ہے۔ 5بشرطیکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کی بات مان کر اِن سب احکام پر چلنے کی اِحتیاط رکھّے جو مَیں آج تُجھ کو دیتا ہُوں۔ 6کیونکہ خُداوند تیرا خُدا جَیسا اُس نے تُجھ سے وعدہ کِیا ہے تُجھ کو برکت بخشے گا اور تُو بُہت سی قَوموں کو قرض دے گا پر تُجھ کو اُن سے قرض لینا نہ پڑے گا اور تُو بُہت سی قَوموں پر حُکمرانی کرے گا پر وہ تُجھ پر حُکمرانی کرنے نہ پائیں گی۔
7جو مُلک خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے اگر اُس میں کہِیں تیرے پھاٹکوں کے اندر تیرے بھائِیوں میں سے کوئی مُفلِس ہو تو تُو اپنے اُس مُفلِس بھائی کی طرف سے نہ اپنا دِل سخت کرنا اور نہ اپنی مُٹّھی بند کر لینا۔ 8بلکہ اُس کی اِحتیاج رفع کرنے کو جو چِیز اُسے درکار ہو اُس کے لِئے تُو ضرُور فراخ دستی سے اُسے قرض دینا۔ 9خبردار رہنا کہ تیرے دِل میں یہ بُرا خیال نہ گُذرنے پائے کہ ساتواں سال جو چُھٹکارے کا سال ہے نزدِیک ہے اور تیرے مُفلِس بھائی کی طرف سے تیری نظر بد ہو جائے اور تُو اُسے کُچھ نہ دے اور وہ تیرے خِلاف خُداوند سے فریاد کرے اور یہ تیرے لِئے گُناہ ٹھہرے۔ 10بلکہ تُجھ کو اُسے ضرُور دینا ہو گا اور اُس کو دیتے وقت تیرے دِل کو بُرا بھی نہ لگے اِس لِئے کہ اَیسی بات کے سبب سے خُداوند تیرا خُدا تیرے سب کاموں میں اور سب مُعاملوں میں جِن کو تُو اپنے ہاتھ میں لے گا تُجھ کو برکت بخشے گا۔ 11اور چُونکہ مُلک میں کنگال سدا پائے جائیں گے اِس لِئے مَیں تُجھ کو حُکم کرتا ہُوں کہ تُو اپنے مُلک میں اپنے بھائی یعنی کنگالوں اور مُحتاجوں کے لِئے اپنی مُٹّھی کُھلی رکھنا۔
غُلاموں کے ساتھ سلُوک
12اگر تیرا کوئی بھائی خواہ وہ عِبرانی مَرد ہو یا عِبرانی عَورت تیرے ہاتھ بِکے اور وہ چھ برس تک تیری خِدمت کرے تو تُو ساتویں سال اُس کو آزاد ہو کر جانے دینا۔ 13اور جب تُو اُسے آزاد کر کے اپنے پاس سے رُخصت کرے تو اُسے خالی ہاتھ نہ جانے دینا۔ 14بلکہ تُو اپنی بھیڑ بکری اور کھتّے اور کولُھو میں سے دِل کھول کر اُسے دینا یعنی خُداوند تیرے خُدا نے جَیسی برکت تُجھ کو دی ہو اُس کے مُطابِق اُسے دینا۔ 15اور یاد رکھنا کہ مُلکِ مِصرؔ میں تُو بھی غُلام تھا اور خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو چُھڑایا اِسی لِئے مَیں تُجھ کو اِس بات کا حُکم آج دیتا ہُوں۔
16اور اگر وہ اِس سبب سے کہ اُسے تُجھ سے اور تیرے گھرانے سے مُحبّت ہو اور وہ تیرے ساتھ خُوش حال ہو تُجھ سے کہنے لگے کہ مَیں تیرے پاس سے نہیں جاتا۔ 17تو تُو ایک سُتاری لے کر اُس کا کان دروازہ سے لگا کر چھید دینا تو وہ سدا تیرا غُلام بنا رہے گا اور اپنی لَونڈی سے بھی اَیسا ہی کرنا۔ 18اور اگر تُو اُسے آزاد کر کے اپنے پاس سے رُخصت کرے تو اُسے مُشکِل نہ گرداننا کیونکہ اُس نے دو مزدُوروں کے برابر چھ برس تک تیری خِدمت کی اور خُداوند تیرا خُدا تیرے سب کاروبار میں تُجھ کو برکت بخشے گا۔
مویشی اور بھیڑوں کے پہلَوٹھے
19تیرے گائے بَیل اور بھیڑ بکرِیوں میں جِتنے پہلوٹھے نر پَیدا ہوں اُن سب کو خُداوند اپنے خُدا کے لِئے مُقدّس کرنا۔ اپنے گائے بَیل کے پہلوٹھے سے کُچھ کام نہ لینا اور نہ اپنی بھیڑ بکری کے پہلوٹھے کے بال کترنا۔ 20تُو اُسے اپنے گھرانے سمیت خُداوند اپنے خُدا کے حضُور اُسی جگہ جِسے خُداوند چُن لے سال بسال کھایا کرنا۔ 21اور اگر اُس میں کوئی نقص ہو مثلاً وہ لنگڑا یا اندھا ہو یا اُس میں اَور کوئی بُرا عَیب ہو تو خُداوند اپنے خُدا کے لِئے اُس کی قُربانی نہ گُذراننا۔ 22تُو اُسے اپنے پھاٹکوں کے اندر کھانا۔ پاک اور ناپاک دونوں طرح کے آدمی جَیسے چکارے اور ہرن کو کھاتے ہیں وَیسے ہی اُسے کھائیں۔ 23پر اُس کے خُون کو ہرگِز نہ کھانا بلکہ تُو اُس کو پانی کی طرح زمِین پر اُنڈیل دینا۔
عِیدِ فَسح
1تُو ابِیبؔ کے مہِینے کو یاد رکھنا اور اُس میں خُداوند اپنے خُدا کی فَسح کرنا کیونکہ خُداوند تیرا خُدا ابِیبؔ کے مہِینے میں رات کے وقت تُجھ کو مِصرؔ سے نِکال لایا۔ 2اور جِس جگہ کو خُداوند اپنے نام کے مسکن کے لِئے چُنے وہِیں تُو خُداوند اپنے خُدا کے لِئے اپنے گائے بَیل اور بھیڑ بکری میں سے فَسح کی قُربانی چڑھانا۔ 3تُو اُس کے ساتھ خمِیری روٹی نہ کھانا بلکہ سات دِن تک اُس کے ساتھ بے خمِیری روٹی جو دُکھ کی روٹی ہے کھانا کیونکہ تُو مُلکِ مِصرؔ سے ہڑبڑی میں نِکلا تھا۔ یُوں تُو عُمر بھر اُس دِن کو جب تُو مُلکِ مِصرؔ سے نِکلا یاد رکھ سکے گا۔ 4اور تیری حدُود کے اندر سات دِن تک کہِیں خمِیر نظر نہ آئے اور اُس قُربانی میں سے جِس کو تُو پہلے دِن کی شام کو چڑھائے کُچھ گوشت صُبح تک باقی نہ رہنے پائے۔
5تُو فَسح کی قُربانی کو اپنے پھاٹکوں کے اندر جِن کو خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو دِیا ہو کہِیں نہ چڑھانا۔ 6بلکہ جِس جگہ کو خُداوند تیرا خُدا اپنے نام کے مسکن کے لِئے چُنے گا وہاں تُو فَسح کی قُربانی کو اُس وقت جب تُو مِصرؔ سے نِکلا تھا یعنی شام کو سُورج ڈُوبتے وقت گُذراننا۔ 7اور جِس جگہ کو خُداوند تیرا خُدا چُنے وہِیں اُسے بُھون کر کھانا اور پِھر صُبح کو اپنے اپنے ڈیرے کو لَوٹ جانا۔ 8چھ دِن تک بے خمِیری روٹی کھانا اور ساتویں دِن خُداوند تیرے خُدا کی خاطِر مُقدّس مجمع ہو۔ اُس میں تُو کوئی کام نہ کرنا۔
فصل کاٹنے کی عِید
9پِھر تُو سات ہفتے یُوں گِننا کہ جب سے ہنسوا لے کر فصل کاٹنی شرُوع کرے تب سے سات ہفتے گِن لینا۔ 10تب جَیسی برکت خُداوند تیرے خُدا نے دی ہو اُس کے مُطابِق اپنے ہاتھ کی رضا کی قُربانی کا ہدیہ لا کر خُداوند اپنے خُدا کے لِئے ہفتوں کی عِید منانا۔ 11اور اُسی جگہ جِسے خُداوند تیرا خُدا اپنے نام کے مسکن کے لِئے چُنے گا تُو اور تیرے بیٹے بیٹِیاں اور تیرے غُلام اور لَونڈِیاں اور وہ لاوی جو تیرے پھاٹکوں کے اندر ہو اور مُسافِر اور یتِیم اور بیوہ جو تیرے درمیان ہوں سب مِل کر خُداوند اپنے خُدا کے حضُور خُوشی منانا۔ 12اور یاد رکھنا کہ تُو مِصرؔ میں غُلام تھا اور اِن حُکموں پر اِحتیاط کر کے عمل کرنا۔
عِیدِ خیام (جَھونپٹروں کی عِید)
13جب تُو اپنے کھلِیہان اور کولُھو کا مال جمع کر چُکے تو سات دِن تک عِیدِ خیام کرنا۔ 14اور تُو اور تیرے بیٹے بیٹِیاں اور غُلام اور لَونڈِیاں اور لاوی اور مُسافِر اور یتِیم اور بیوہ جو تیرے پھاٹکوں کے اندر ہوں سب تیری اِس عِید میں خُوشی منائیں۔ 15سات دِن تک تُو خُداوند اپنے خُدا کے لِئے اُسی جگہ جِسے خُداوند چُنے عِید کرنا اِس لِئے کہ خُداوند تیرا خُدا تیرے سارے مال میں اور سب کاموں میں جِن کو تُو ہاتھ لگائے تُجھ کو برکت بخشے گا۔ سو تُو پُوری پُوری خُوشی کرنا۔
16اور سال میں تِین بار یعنی بے خمِیری روٹی کی عِید اور ہفتوں کی عِید اور عِیدِ خیام کے مَوقع پر تیرے ہاں کے سب مَرد خُداوند اپنے خُدا کے آگے اُسی جگہ حاضِر ہُؤا کریں جِسے وہ چُنے گا اور جب آئیں تو خُداوند کے حضُور خالی ہاتھ نہ آئیں۔ 17بلکہ ہر مَرد جَیسی برکت خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو بخشی ہو اپنی تَوفِیق کے مُطابِق دے۔
عدل و اِنصاف کا نظام
18تُو اپنے قبِیلوں کی سب بستیوں میں جِن کو خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دے قاضی اور حاکِم مُقرّر کرنا جو صداقت سے لوگوں کی عدالت کریں۔ 19تُو اِنصاف کا خُون نہ کرنا۔ تُو نہ تو کِسی کی رُو رِعایت کرنا اور نہ رِشوت لینا کیونکہ رِشوت دانِش مند کی آنکھوں کو اندھا کر دیتی ہے اور صادِق کی باتوں کو پلٹ دیتی ہے۔ 20جو کُچھ بِالکُل حق ہے تُو اُسی کی پَیروی کرنا تاکہ تُو جِیتا رہے اور اُس مُلک کا مالِک بن جائے جو خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے۔
21جو مذبح تُو خُداوند اپنے خُدا کے لِئے بنائے اُس کے قرِیب کِسی قِسم کے درخت کی یسِیرت نہ لگانا۔ 22اور نہ کوئی سُتُون اپنے لِئے کھڑا کر لینا جِس سے خُداوند تیرے خُدا کو نفرت ہے۔
1تُو خُداوند اپنے خُدا کے لِئے کوئی بَیل یا بھیڑ بکری جِس میں کوئی عَیب یا بُرائی ہو ذبح مت کرنا کیونکہ یہ خُداوند تیرے خُدا کے نزدِیک مکرُوہ ہے۔ 2اگر تیرے درمیان تیری بستِیوں میں جِن کو خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دے کہِیں کوئی مَرد یا عَورت مِلے جِس نے خُداوند تیرے خُدا کے حضُور یہ بدکاری کی ہو کہ اُس کے عہد کو توڑا ہو۔ 3اور جا کر اَور معبُودوں کی یا سُورج یا چاند یا اجرامِ فلک میں سے کِسی کی جِس کا حُکم مَیں نے تُجھ کو نہیں دِیا پُوجا اور پرستِش کی ہو۔ 4اور یہ بات تُجھ کو بتائی جائے اور تیرے سُننے میں آئے تو تُو جانفشانی سے تحقِیقات کرنا اور اگر یہ ٹِھیک ہو اور قطعی طَور پر ثابِت ہو جائے کہ اِسرائیلؔ میں اَیسا مکرُوہ کام ہُؤا۔ 5تو تُو اُس مَرد یا اُس عَورت کو جِس نے یہ بُرا کام کِیا ہو باہر اپنے پھاٹکوں پر نِکال لے جانا اور اُن کو اَیسا سنگسار کرنا کہ وہ مَر جائیں۔ 6جو واجِبُ القتل ٹھہرے وہ دو یا تِین آدمِیوں کی گواہی سے مارا جائے۔ فقط ایک ہی آدمی کی گواہی سے وہ مارا نہ جائے۔ 7اُس کو قتل کرتے وقت گواہوں کے ہاتھ پہلے اُس پر اُٹھیں اُس کے بعد باقی سب لوگوں کے ہاتھ۔ یُوں تُو اپنے درمیان سے شرارت کو دُور کِیا کرنا۔
8اگر تیری بستِیوں میں کہِیں آپس کے خُون یا آپس کے دعویٰ یا آپس کی مار پِیٹ کی بابت کوئی جھگڑے کی بات اُٹھے اور اُس کا فَیصلہ کرنا تیرے لِئے نِہایت ہی مُشکِل ہو تو تُو اُٹھ کر اُس جگہ جِسے خُداوند تیرا خُدا چُنے گا جانا۔ 9اور لاویؔ کاہِنوں اور اُن دِنوں کے قاضِیوں کے پاس پُہنچ کر اُن سے دریافت کرنا اور وہ تُجھ کو فَیصلہ کی بات بتائیں گے۔ 10اور تُو اُسی فَیصلہ کے مُطابِق جو وہ تُجھ کو اُس جگہ سے جِسے خُداوند چُنے گا بتائیں عمل کرنا۔ جَیسا وہ تُجھ کو سِکھائیں اُسی کے مُطابِق سب کُچھ اِحتیاط کر کے ماننا۔ 11شرِیعت کی جو بات وہ تُجھ کو سِکھائیں اور جَیسا فَیصلہ تُجھ کو بتائیں اُسی کے مُطابِق کرنا اور جو کُچھ فتویٰ وہ دیں اُس سے دہنے یا بائیں نہ مُڑنا۔ 12اور اگر کوئی شخص گُستاخی سے پیش آئے کہ اُس کاہِن کی بات جو خُداوند تیرے خُدا کے حضُور خِدمت کے لِئے کھڑا رہتا ہے یا اُس قاضی کا کہا نہ سُنے تو وہ شخص مار ڈالا جائے اور تُو اِسرائیلؔ میں سے اَیسی بُرائی کو دُور کر دینا۔ 13اور سب لوگ سُن کر ڈر جائیں گے اور پِھر گُستاخی سے پیش نہیں آئیں گے۔
بادشاہ بنانے کی بابت ہِدایات
14جب تُو اُس مُلک میں جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے پُہنچ جائے اور اُس پر قبضہ کر کے وہاں رہنے اور کہنے لگے کہ اُن قَوموں کی طرح جو میرے گِرداگِرد ہیں مَیں بھی کِسی کو اپنا بادشاہ بناؤُں۔ 15تو تُو بہر حال فقط اُسی کو اپنا بادشاہ بنانا جِس کو خُداوند تیرا خُدا چُن لے۔ تُو اپنے بھائِیوں میں سے ہی کِسی کو اپنا بادشاہ بنانا اور پردیسی کو جو تیرا بھائی نہیں اپنے اُوپر حاکِم نہ کر لینا۔ 16اِتنا ضرُور ہے کہ وہ اپنے لِئے بُہت گھوڑے نہ بڑھائے اور نہ لوگوں کو مِصرؔ میں بھیجے تاکہ اُس کے پاس بُہت سے گھوڑے ہو جائیں اِس لِئے کہ خُداوند نے تُم سے کہا ہے کہ تُم اُس راہ سے پِھر کبھی اُدھر نہ لَوٹنا۔ 17اور وہ بُہت سی بِیویاں بھی نہ رکھّے تا نہ ہو کہ اُس کا دِل پِھر جائے اور نہ وہ اپنے لِئے سونا چاندی ذخیرہ کرے۔ 18اور جب وہ تختِ سلطنت پر جلُوس کرے تو اُس شرِیعت کی جو لاوی کاہِنوں کے پاس رہے گی ایک نقل اپنے لِئے ایک کِتاب میں اُتار لے۔ 19اور وہ اُسے اپنے پاس رکھّے اور اپنی ساری عُمر اُس کو پڑھا کرے تاکہ وہ خُداوند اپنے خُدا کا خَوف ماننا اور اُس شرِیعت اور آئِین کی سب باتوں پر عمل کرنا سِیکھے۔ 20جِس سے اُس کے دِل میں غرُور نہ ہو کہ وہ اپنے بھائِیوں کو حقِیر جانے اور اِن احکام سے نہ تو دہنے نہ بائیں مُڑے تاکہ اِسرائیلیوں کے درمیان اُس کی اور اُس کی اَولاد کی سلطنت مُدّت تک رہے۔
کاہِنوں کا حِصّہ
1لاویؔ کاہِنوں یعنی لاوؔی کے قبِیلہ کا کوئی حِصّہ اور مِیراث اِسرائیلؔ کے ساتھ نہ ہو۔ وہ خُداوند کی آتِشِین قُربانِیاں اور اُسی کی مِیراث کھایا کریں۔ 2اِس لِئے اُن کے بھائِیوں کے ساتھ اُن کو مِیراث نہ مِلے۔ خُداوند اُن کی مِیراث ہے جَیسا اُس نے خُود اُن سے کہا ہے۔
3اور جو لوگ گائے بَیل یا بھیڑ یا بکری کی قُربانی گُذرانتے ہیں اُن کی طرف سے کاہِنوں کا یہ حق ہو گا کہ وہ کاہِن کو شانہ اور کنپٹِیاں اور جھوجھ دیں۔ 4اور تُو اپنے اناج اور مَے اور تیل کے پہلے پَھل میں سے اور اپنی بھیڑوں کے بال میں سے جو پہلی دفعہ کُترے جائیں اُسے دینا۔ 5کیونکہ خُداوند تیرے خُدا نے اُس کو تیرے سب قبِیلوں میں سے چُن لِیا ہے تاکہ وہ اور اُس کی اَولاد ہمیشہ خُداوند کے نام سے خِدمت کے لِئے حاضِر رہیں۔
6اور تیری جو بستِیاں سب اِسرائیلِیوں میں ہیں اُن میں سے اگر کوئی لاویؔ کِسی بستی سے جہاں وہ بُود و باش کرتا تھا آئے اور اپنے دِل کی پُوری رغبت سے اُس جگہ حاضِر ہو جِس کو خُداوند چُنے گا۔ 7تو اپنے سب لاویؔ بھائِیوں کی طرح جو وہاں خُداوند کے حضُور کھڑے رہتے ہیں وہ بھی خُداوند اپنے خُدا کے نام سے خِدمت کرے۔ 8اور اُن سب کو کھانے کو برابر حِصّہ مِلے۔ سِوا اُس دام کے جو اُس کے باپ دادا کی مِیراث بیچنے سے اُسے حاصِل ہو۔
بے دینی کی رسموں کے خِلاف اِنتباہ
9جب تُو اُس مُلک میں جو خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے پُہنچ جائے تو وہاں کی قَوموں کی طرح مکرُوہ کام کرنے نہ سِیکھنا۔ 10تُجھ میں ہرگِز کوئی اَیسا نہ ہو جو اپنے بیٹے یا بیٹی کو آگ میں چلوائے یا فالگِیر یا شگُون نِکالنے والا یا افسُون گر یا جادُوگر۔ 11یا منتری یا جِنّات کا آشنا یا رمّال یا ساحِر ہو۔ 12کیونکہ وہ سب جو اَیسے کام کرتے ہیں خُداوند کے نزدِیک مکرُوہ ہیں اور اِن ہی مکرُوہات کے سبب سے خُداوند تیرا خُدا اُن کو تیرے سامنے سے نِکالنے پر ہے۔ 13تُو خُداوند اپنے خُدا کے حضُور کامِل رہنا۔
ایک نبی بھیجنے کا وعدہ
14کیونکہ وہ قَومیں جِن کا تُو وارِث ہو گا شگُون نِکالنے والوں اور فال گِیروں کی سُنتی ہیں پر تُجھ کو خُداوند تیرے خُدا نے اَیسا کرنے نہ دِیا۔ 15خُداوند تیرا خُدا تیرے لِئے تیرے ہی درمیان سے یعنی تیرے ہی بھائِیوں میں سے میری مانِند ایک نبی برپا کرے گا۔ تُم اُس کی سُننا۔
16یہ تیری اُس درخواست کے مُطابِق ہو گا جو تُو نے خُداوند اپنے خُدا سے مجمع کے دِن حورِب میں کی تھی کہ مُجھ کو نہ تو خُداوند اپنے خُدا کی آواز پِھر سُننی پڑے اور نہ اَیسی بڑی آگ ہی کا نظّارہ ہو تاکہ مَیں مَر نہ جاؤُں۔ 17اور خُداوند نے مُجھ سے کہا کہ وہ جو کُچھ کہتے ہیں سو ٹِھیک کہتے ہیں۔ 18مَیں اُن کے لِئے اُن ہی کے بھائِیوں میں سے تیری مانِند ایک نبی برپا کرُوں گا اور اپنا کلام اُس کے مُنہ میں ڈالُوں گا اور جو کُچھ مَیں اُسے حُکم دُوں گا وُہی وہ اُن سے کہے گا۔ 19اور جو کوئی میری اُن باتوں کو جِن کو وہ میرا نام لے کر کہے گا نہ سُنے تو مَیں اُن کا حِساب اُس سے لُوں گا۔ 20لیکن جو نبی گُستاخ بن کر کوئی اَیسی بات میرے نام سے کہے جِس کے کہنے کا مَیں نے اُس کو حُکم نہیں دِیا یا اَور معبُودوں کے نام سے کُچھ کہے تو وہ نبی قتل کِیا جائے۔
21اور اگر تُو اپنے دِل میں کہے کہ جو بات خُداوند نے نہیں کہی ہے اُسے ہم کیونکر پہچانیں؟ 22تو پہچان یہ ہے کہ جب وہ نبی خُداوند کے نام سے کُچھ کہے اور اُس کے کہے کے مُطابِق کُچھ واقِع یا پُورا نہ ہو تو وہ بات خُداوند کی کہی ہُوئی نہیں بلکہ اُس نبی نے وہ بات خُود گُستاخ بن کر کہی ہے تُو اُس سے خَوف نہ کرنا۔
پناہ کے شہر
1جب خُداوند تیرا خُدا اُن قَوموں کو جِن کا مُلک خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے کاٹ ڈالے اور تُو اُن کی جگہ اُن کے شہروں اور گھروں میں رہنے لگے۔ 2تو تُو اُس مُلک میں جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو قبضہ کرنے کو دیتا ہے تِین شہر اپنے لِئے الگ کر دینا۔ 3اور تُو ایک راستہ بھی اپنے لِئے تیّار کرنا اور اپنے اُس مُلک کی زمِین کو جِس پر خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو قبضہ دِلاتا ہے تِین حِصّے کرنا تاکہ ہر ایک خُونی وہِیں بھاگ جائے۔ 4اور اُس خُونی کا جو وہاں بھاگ کر اپنی جان بچائے حال یہ ہو کہ اُس نے اپنے ہمسایہ کو نادانِستہ اور بغیر اُس سے قدیمی عداوت رکھّے مار ڈالا ہو۔ 5مثلاً کوئی شخص اپنے ہمسایہ کے ساتھ لکڑِیاں کاٹنے کو جنگل میں جائے اور کُلہاڑا ہاتھ میں اُٹھائے تاکہ درخت کاٹے اور کُلہاڑا دستے سے نِکل کر اُس کے ہمسایہ کے جا لگے اور وہ مَر جائے تو وہ اِن شہروں میں سے کِسی میں بھاگ کر جِیتا بچے۔ 6تا اَیسا نہ ہو کہ راستہ کی لمبائی کے سبب سے خُون کا اِنتِقام لینے والا اپنے جوشِ غضب میں خُونی کا پِیچھا کر کے اُس کو جا پکڑے اور اُسے قتل کرے حالانکہ وہ واجِبُ القتل نہیں کیونکہ اُسے مقتُول سے قدِیمی عداوت نہ تھی۔ 7اِس لِئے مَیں تُجھ کو حُکم دیتا ہُوں کہ تُو اپنے لِئے تِین شہر الگ کر دینا۔
8اور اگر خُداوند تیرا خُدا اُس قَسم کے مُطابِق جو اُس نے تیرے باپ دادا سے کھائی تیری سرحد کو بڑھا کر وہ سب مُلک جِس کے دینے کا وعدہ اُس نے تیرے باپ دادا سے کِیا تھا تُجھ کو دے۔ 9اور تُو اِن سب حُکموں پر جو آج کے دِن مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں دِھیان کر کے عمل کرے اور خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھّے اور ہمیشہ اُس کی راہوں پر چلے تو اِن تِین شہروں کے عِلاوہ تِین شہر اَور اپنے لِئے الگ کر دینا۔ 10تاکہ تیرے مُلک کے بِیچ جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو مِیراث میں دیتا ہے بے گُناہ کا خُون بہایا نہ جائے اور وہ خُون یُوں تیری گردن پر ہو۔
11لیکن اگر کوئی شخص اپنے ہمسایہ سے عداوت رکھتا ہُؤا اُس کی گھات میں لگے اور اُس پر حملہ کر کے اُسے اَیسا مارے کہ وہ مَر جائے اور وہ خُود اُن شہروں میں سے کِسی میں بھاگ جائے۔ 12تو اُس کے شہر کے بزُرگ لوگوں کو بھیج کر اُسے وہاں سے پکڑوا منگوائیں اور اُس کو خُون کے اِنتِقام لینے والے کے ہاتھ میں حوالہ کریں تاکہ وہ قتل ہو۔ 13تُجھ کو اُس پر ذرا ترس نہ آئے بلکہ تُو اِس طرح بے گُناہ کے خُون کو اِسرائیلؔ سے دفع کرنا تاکہ تیرا بھلا ہو۔
قدیم حدُود کا احترام
14تُو اُس مُلک میں جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو قبضہ کرنے کو دیتا ہے اپنے ہمسایہ کی حد کا نِشان جِس کو اگلے لوگوں نے تیری مِیراث کے حِصّہ میں ٹھہرایا ہو مت ہٹانا۔
گواہوں کے بارے میں
15کِسی شخص کے خِلاف اُس کی کِسی بدکاری یا گُناہ کے بارے میں جو اُس سے سرزد ہو ایک ہی گواہ بس نہیں بلکہ دو گواہوں یا تِین گواہوں کے کہنے سے بات پکّی سمجھی جائے۔ 16اگر کوئی جُھوٹا گواہ اُٹھ کر کِسی آدمی کی بدی کی نِسبت گواہی دے۔ 17تو وہ دونوں آدمی جِن کے بِیچ یہ جھگڑا ہو خُداوند کے حضُور کاہِنوں اور اُن دِنوں کے قاضِیوں کے آگے کھڑے ہوں۔ 18اور قاضی خُوب تحقِیقات کریں اور اگر وہ گواہ جُھوٹا نِکلے اور اُس نے اپنے بھائی کے خِلاف جُھوٹی گواہی دی ہو۔ 19تو جو حال اُس نے اپنے بھائی کا کرنا چاہا تھا وُہی تُم اُس کا کرنا اور یُوں تُو اَیسی بُرائی کو اپنے درمیان سے دفع کر دینا۔ 20اور دُوسرے لوگ سُن کر ڈریں گے اور تیرے بِیچ پِھر اَیسی بُرائی نہیں کریں گے۔ 21اور تُجھ کو ذرا ترس نہ آئے۔ جان کا بدلہ جان۔ آنکھ کا بدلہ آنکھ۔ دانت کا بدلہ دانت۔ ہاتھ کا بدلہ ہاتھ اور پاؤں کا بدلہ پاؤں ہو۔
جنگ کے بارے میں
1جب تُو اپنے دُشمنوں سے جنگ کرنے کو جائے اور گھوڑوں اور رتھوں اور اپنے سے بڑی فَوج کو دیکھے تو اُن سے ڈر نہ جانا کیونکہ خُداوند تیرا خُدا جو تُجھ کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال لایا تیرے ساتھ ہے۔ 2اور جب معرکۂِ جنگ میں تُمہاری مڈھ بھیڑ ہونے کو ہو تو کاہِن فَوج کے آدمِیوں کے پاس جا کر اُن کی طرف مُخاطِب ہو۔ 3اور اُن سے کہے سُنو اَے اِسرائیلیو! تُم آج کے دِن اپنے دُشمنوں کے مُقابلہ کے لِئے معرکۂِ جنگ میں آئے ہو سو تُمہارا دِل ہِراسان نہ ہو۔ تُم نہ خَوف کرو نہ کانپو۔ نہ اُن سے دہشت کھاؤ۔ 4کیونکہ خُداوند تُمہارا خُدا تُمہارے ساتھ ساتھ چلتا ہے تاکہ تُم کو بچانے کو تُمہاری طرف سے تُمہارے دُشمنوں سے جنگ کرے۔
5پِھر فَوجی حُکّام لوگوں سے یُوں کہیں کہ تُم میں سے جِس کِسی نے نیا گھر بنایا ہو اور اُسے مخصُوص نہ کِیا ہو وہ اپنے گھر کو لَوٹ جائے تا نہ ہو کہ وہ جنگ میں قتل ہو اور دُوسرا شخص اُسے مخصُوص کرے۔ 6اور جِس کِسی نے تاکِستان لگایا ہو پر اب تک اُس کا پَھل اِستعمال نہ کِیا ہو وہ بھی اپنے گھر کو لَوٹ جائے تا نہ ہو کہ وہ جنگ میں مارا جائے اور دُوسرا آدمی اُس کا پَھل کھائے۔ 7اور جِس نے کِسی عَورت سے اپنی منگنی تو کر لی ہو پر اُسے بیاہ کر نہیں لایا ہے وہ بھی اپنے گھر کو لَوٹ جائے تا نہ ہو کہ وہ لڑائی میں مارا جائے اور دُوسرا مَرد اُس سے بیاہ کرے۔
8اور فَوجی حُکّام لوگوں کی طرف مُخاطِب ہو کر اُن سے یہ بھی کہیں کہ جو شخص ڈرپوک اور کچّے دِل کا ہو وہ بھی اپنے گھر کو لَوٹ جائے تا نہ ہو کہ اُس کی طرح اُس کے بھائِیوں کا حَوصلہ بھی ٹُوٹ جائے۔ 9اور جب فَوجی حُکّام یہ سب کُچھ لوگوں سے کہہ چُکیں تو لشکر کے سرداروں کو اُن پر مُقرّر کر دیں۔
10جب تُو کِسی شہر سے جنگ کرنے کو اُس کے نزدِیک پُہنچے تو پہلے اُسے صُلح کا پَیغام دینا۔ 11اور اگر وہ تُجھ کو صُلح کا جواب دے اور اپنے پھاٹک تیرے لِئے کھول دے تو وہاں کے سب باشِندے تیرے باج گُذار بن کر تیری خِدمت کریں۔ 12اور اگر وہ تُجھ سے صُلح نہ کرے بلکہ تُجھ سے لڑنا چاہے تو تُو اُس کا مُحاصرہ کرنا۔ 13اور جب خُداوند تیرا خُدا اُسے تیرے قبضہ میں کر دے تو وہاں کے ہر مَرد کو تلوار سے قتل کر ڈالنا۔ 14لیکن عَورتوں اور بال بچّوں اور چَوپایوں اور اُس شہر کے سب مال اور لُوٹ کو اپنے لِئے رکھ لینا اور تُو اپنے دُشمنوں کی اُس لُوٹ کو جو خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو دی ہو کھانا۔ 15اُن سب شہروں کا یِہی حال کرنا جو تُجھ سے بُہت دُور ہیں اور اِن قَوموں کے شہر نہیں ہیں۔
16پر اِن قَوموں کے شہروں میں جِن کو خُداوند تیرا خُدا مِیراث کے طَور پر تُجھ کو دیتا ہے کِسی ذی نفس کو جِیتا نہ بچا رکھنا۔ 17بلکہ تُو اِن کو یعنی حِتّی اور اموری اور کنعانی اور فرِزّی اور حوّی اور یبُوسی قَوموں کو جَیسا خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو حُکم دِیا ہے بِالکُل نیست کر دینا۔ 18تاکہ وہ تُم کو اپنے سے مکرُوہ کام کرنے نہ سِکھائیں جو اُنہوں نے اپنے دیوتاؤں کے لِئے کِئے ہیں اور یُوں تُم خُداوند اپنے خُدا کے خِلاف گُناہ کرنے لگو۔
19جب تُو کِسی شہر کو فتح کرنے کے لِئے اُس سے جنگ کرے اور مُدّت تک اُس کا مُحاصرہ کِئے رہے تو اُس کے درختوں کو کُلہاڑی سے نہ کاٹ ڈالنا کیونکہ اُن کا پَھل تیرے کھانے کے کام میں آئے گا سو تُو اُن کو مت کاٹنا کیونکہ کیا مَیدان کا درخت اِنسان ہے کہ تُو اُس کا مُحاصرہ کرے؟ 20سو فقط اُن ہی درختوں کو کاٹ کر اُڑا دینا جو تیری دانِست میں کھانے کے مطلَب کے نہ ہوں اور تُو اُس شہر کے مُقابِل جو تُجھ سے جنگ کرتا ہو بُرجوں کو بنا لینا جب تک وہ سر نہ ہو جائے۔
لاحل قتل کے بارے میں
1اگر اُس مُلک میں جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو قبضہ کرنے کو دیتا ہے کِسی مقتُول کی لاش مَیدان میں پڑی ہُوئی مِلے اور یہ معلُوم نہ ہو کہ اُس کا قاتِل کَون ہے۔ 2تو تیرے بزُرگ اور قاضی نِکل کر اُس مقتُول کے گِرداگِرد کے شہروں کے فاصِلہ کو ناپیں۔ 3اور جو شہر اُس مقتُول کے سب سے نزدِیک ہو اُس شہر کے بزُرگ ایک بچھیا لیں جِس سے کبھی کوئی کام نہ لِیا گیا ہو اور نہ وہ جوئے میں جوتی گئی ہو۔ 4اور اُس شہر کے بزُرگ اُس بچھیا کو بہتے پانی کی وادی میں جِس میں نہ ہل چلا ہو اور نہ اُس میں کُچھ بویا گیا ہو لے جائیں اور وہاں اُس وادی میں اُس بچھیا کی گردن توڑ دیں۔ 5تب بنی لاوی جو کاہِن ہیں نزدِیک آئیں کیونکہ خُداوند تیرے خُدا نے اُن کو چُن لِیا ہے کہ خُداوند کی خِدمت کریں اور اُس کے نام سے برکت دِیا کریں اور اُن ہی کے کہنے کے مُطابِق ہر جھگڑے اور مار پِیٹ کے مُقدّمہ کا فَیصلہ ہُؤا کرے۔ 6پِھر اِس شہر کے سب بزُرگ جو اُس مقتُول کے سب سے نزدِیک رہنے والے ہوں اُس بچھیا کے اُوپر جِس کی گردن اُس وادی میں توڑی گئی اپنے اپنے ہاتھ دھوئیں۔ 7اور یُوں کہیں کہ ہمارے ہاتھ سے یہ خُون نہیں ہُؤا اور نہ یہ ہماری آنکھوں کا دیکھا ہُؤا ہے۔ 8سو اَے خُداوند اپنی قَوم اِسرائیل کو جِسے تُو نے چُھڑایا ہے مُعاف کر اور بے گُناہ کے خُون کو اپنی قَوم اِسرائیل کے ذِمّہ نہ لگا۔ تب وہ خُون اُن کو مُعاف کر دِیا جائے گا۔ 9یُوں تُو اُس کام کو کر کے جو خُداوند کے نزدِیک درُست ہے بے گُناہ کے خُون کی جواب دِہی کو اپنے اُوپر سے دُور و دفع کرنا۔
جنگی اسیِر عَورتوں کے بارے میں
10جب تُو اپنے دُشمنوں سے جنگ کرنے کو نِکلے اور خُداوند تیرا خُدا اُن کو تیرے ہاتھ میں کر دے اور تُو اُن کو اسِیر کر لائے۔ 11اور اُن اسِیروں میں کِسی خُوب صُورت عَورت کو دیکھ کر تُو اُس پر فریفتہ ہو جائے اور اُس کو بیاہ لینا چاہے۔ 12تو تُو اُسے اپنے گھر لے آنا اور وہ اپنا سر مُنڈوائے اور اپنے ناخن ترشوائے۔ 13اور اپنی اسِیری کا لِباس اُتار کر تیرے گھر میں رہے اور ایک مہِینہ تک اپنے ماں باپ کے لِئے ماتم کرے۔ اِس کے بعد تُو اُس کے پاس جا کر اُس کا شَوہر ہونا اور وہ تیری بِیوی بنے۔ 14اور اگر وہ تُجھ کو نہ بھائے تو جہاں وہ چاہے اُس کو جانے دینا لیکن رُوپَے کی خاطِر اُس کو ہرگِز نہ بیچنا اور اُس سے لَونڈی کا سا سلُوک نہ کرنا اِس لِئے کہ تُو نے اُس کی حُرمت لے لی ہے۔
پہلَوٹھے کا حقِ وارثت
15اگر کِسی مَرد کی دو بِیویاں ہوں اور ایک محبُوبہ اور دُوسری غَیر محبُوبہ ہو اور محبُوبہ اور غَیر محبُوبہ دونوں سے لڑکے ہوں اور پہلوٹھا بیٹا غَیر محبُوبہ سے ہو۔ 16تو جب وہ اپنے بیٹوں کو اپنے مال کا وارِث کرے تو وہ محبُوبہ کے بیٹے کو غَیر محبُوبہ کے بیٹے پر جو فی الحقِیقت پہلوٹھا ہے فوقِیّت دے کر پہلوٹھا نہ ٹھہرائے۔ 17بلکہ وہ غَیر محبُوبہ کے بیٹے کو اپنے سب مال کا دُونا حِصّہ دے کر اُسے پہلوٹھا مانے کیونکہ وہ اُس کی قُوّت کی اِبتدا ہے اور پہلوٹھے کا حق اُسی کا ہے۔
نافرمان بیٹے کے بارے میں
18اگر کِسی آدمی کا ضِدّی اور گردن کش بیٹا ہو جو اپنے باپ یا ماں کی بات نہ مانتا ہو اور اُن کے تنبِیہ کرنے پر بھی اُن کی نہ سُنتا ہو۔ 19تو اُس کے ماں باپ اُسے پکڑ کر اور نِکال کر اُس شہر کے بزُرگوں کے پاس اُس جگہ کے پھاٹک پر لے جائیں۔ 20اور وہ اُس کے شہر کے بزُرگوں سے عرض کریں کہ یہ ہمارا بیٹا ضِدّی اور گردن کش ہے۔ یہ ہماری بات نہیں مانتا اور اُڑاؤُ اور شرابی ہے۔ 21تب اُس کے شہر کے سب لوگ اُسے سنگسار کریں کہ وہ مَر جائے۔ یُوں تُو اَیسی بُرائی کو اپنے درمیان سے دُور کرنا۔ تب سب اِسرائیلی سُن کر ڈر جائیں گے۔
مُختلف آئین و ضوابط
22اور اگر کِسی نے کوئی اَیسا گُناہ کِیا ہو جِس سے اُس کا قتل واجِب ہو اور تُو اُسے مار کر درخت سے ٹانگ دے۔ 23تو اُس کی لاش رات بھر درخت پر لٹکی نہ رہے بلکہ تُو اُسی دِن اُسے دفن کر دینا کیونکہ جِسے پھانسی مِلتی ہے وہ خُدا کی طرف سے ملعُون ہے تا نہ ہو کہ تُو اُس مُلک کو ناپاک کر دے جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو مِیراث کے طَور پر دیتا ہے۔
1تُو اپنے بھائی کے بَیل یا بھیڑ کو بھٹکتی دیکھ کر اُس سے رُوپوشی نہ کرنا بلکہ ضرُور تُو اُس کو اپنے بھائی کے پاس پُہنچا دینا۔ 2اور اگر تیرا بھائی تیرے نزدِیک نہ رہتا ہو یا تُو اُس سے واقِف نہ ہو تو تُو اُس جانور کو اپنے گھر لے آنا اور وہ تیرے پاس رہے جب تک تیرا بھائی اُس کی تلاش نہ کرے۔ تب تُو اُسے اُس کو دے دینا۔ 3تُو اُس کے گدھے اور اُس کے کپڑے سے بھی اَیسا ہی کرنا۔ غرض جو کُچھ تیرے بھائی سے کھویا جائے اور تُجھ کو مِلے تُو اُس سے اَیسا ہی کرنا اور رُوپوشی نہ کرنا۔
4تُو اپنے بھائی کا گدھا یا بَیل راستہ میں گِرا ہُؤا دیکھ کر اُس سے رُوپوشی نہ کرنا بلکہ ضرُور اُس کے اُٹھانے میں اُس کی مدد کرنا۔
5عَورت مَرد کا لِباس نہ پہنے اور نہ مَرد عَورت کی پوشاک پہنے کیونکہ جو اَیسے کام کرتا ہے وہ خُداوند تیرے خُدا کے نزدِیک مکرُوہ ہے۔
6اگر راہ چلتے اِتفاقاً کِسی پرِندہ کا گھونسلا درخت یا زمِین پر بچّوں یا انڈوں سمیت تُجھ کو مِل جائے اور ماں بچّوں یا انڈوں پر بَیٹھی ہُوئی ہو تو تُو بچّوں کو ماں سمیت نہ پکڑ لینا۔ 7بچّوں کو تُو لے تو لے پر ماں کو ضرُور چھوڑ دینا تاکہ تیرا بھلا ہو اور تیری عُمر دراز ہو۔
8جب تُو کوئی نیا گھر بنائے تو اپنی چھت پر مُنڈیر ضرُور لگانا تا نہ ہو کہ کوئی آدمی وہاں سے گِرے اور تیرے سبب سے وہ خُون تیرے ہی گھر والوں پر ہو۔
9تُو اپنے تاکِستان میں دو قِسم کے بِیج نہ بونا تا نہ ہو کہ سارا پَھل یعنی جو بِیج تُو نے بویا اور تاکِستان کی پَیداوار دونوں ضبط کر لِئے جائیں۔
10تُو بَیل اور گدھے دونوں کو ایک ساتھ جوت کر ہل نہ چلانا۔
11تُو اُون اور سَن دونوں کی ملاوٹ کا بُنا ہُؤا کپڑا نہ پہننا۔
12تُو اپنے اوڑھنے کی چادر کے چاروں کناروں پر جھالر لگایا کرنا۔
جِنسی افعال میں پاکِیزگی
13اگر کوئی مَرد کِسی عَورت کو بیاہے اور اُس کے پاس جائے اور بعد اُس کے اُس سے نفرت کر کے۔ 14شرمناک باتیں اُس کے حق میں کہے اور اُسے بدنام کرنے کے لِئے یہ دعویٰ کرے کہ مَیں نے اِس عَورت سے بیاہ کِیا اور جب میں اُس کے پاس گیا تو مَیں نے کُنوارے پن کے نِشان اُس میں نہیں پائے۔
15تب اُس لڑکی کا باپ اور اُس کی ماں اُس لڑکی کے کُنوارے پن کے نِشانوں کو اُس شہر کے پھاٹک پر بزُرگوں کے پاس لے جائیں۔ 16اور اُس لڑکی کا باپ بزُرگوں سے کہے کہ مَیں نے اپنی بیٹی اِس شخص کو بیاہ دی پر یہ اُس سے نفرت رکھتا ہے۔ 17اور شرمناک باتیں اُس کے حق میں کہتا اور یہ دعویٰ کرتا ہے کہ مَیں نے تیری بیٹی میں کُنوارے پن کے نِشان نہیں پائے حالانکہ میری بیٹی کے کُنوارے پن کے نِشان یہ مَوجُود ہیں۔ پِھر وہ اُس چادر کو شہر کے بزُرگوں کے آگے پَھیلا دیں۔ 18تب شہر کے بزُرگ اُس شخص کو پکڑ کر اُسے کوڑے لگائیں۔ 19اور اُس سے چاندی کی سَو مِثقال جُرمانہ لے کر اُس لڑکی کے باپ کو دیں اِس لِئے کہ اُس نے ایک اِسرائیلی کُنواری کو بدنام کِیا اور وہ اُس کی بِیوی بنی رہے اور وہ زِندگی بھر اُس کو طلاق نہ دینے پائے۔
20پر اگر یہ بات سچ ہو کہ لڑکی میں کُنوارے پن کے نِشان نہیں پائے گئے۔ 21تو وہ اُس لڑکی کو اُس کے باپ کے گھر کے دروازہ پر نِکال لائیں اور اُس کے شہر کے لوگ اُسے سنگسار کریں کہ وہ مَر جائے کیونکہ اُس نے اِسرائیل کے درمیان شرارت کی کہ اپنے باپ کے گھر میں فاحِشہ پن کِیا۔ یُوں تُو اَیسی بُرائی کو اپنے درمیان سے دفع کرنا۔
22اگر کوئی مَرد کِسی شَوہر والی عَورت سے زِنا کرتے پکڑا جائے تو وہ دونوں مار ڈالے جائیں یعنی وہ مَرد بھی جِس نے اُس عَورت سے صُحبت کی اور وہ عَورت بھی۔ یُوں تُو اِسرائیل میں سے اَیسی بُرائی کو دفع کرنا۔
23اگر کوئی کُنواری لڑکی کِسی شخص سے منسُوب ہو گئی ہو اور کوئی دُوسرا آدمی اُسے شہر میں پا کر اُس سے صُحبت کرے۔ 24تو تُم اُن دونوں کو اُس شہر کے پھاٹک پر نِکال لانا اور اُن کو تُم سنگسار کر دینا کہ وہ مَر جائیں۔ لڑکی کو اِس لِئے کہ وہ شہر میں ہوتے ہُوئے نہ چِلاّئی اور مَرد کو اِس لِئے کہ اُس نے اپنے ہمسایہ کی بِیوی کو بے حُرمت کِیا۔ یُوں تُو اَیسی بُرائی کو اپنے درمیان سے دفع کرنا۔
25پر اگر اُس آدمی کو وُہی لڑکی جِس کی نِسبت ہو چُکی ہو کِسی مَیدان یا کھیت میں مِل جائے اور وہ آدمی جبراً اُس سے صُحبت کرے تو فقط وہ آدمی ہی جِس نے صُحبت کی مار ڈالا جائے۔ 26پر اُس لڑکی سے کُچھ نہ کرنا کیونکہ لڑکی کا اَیسا گُناہ نہیں جِس سے وہ قتل کے لائِق ٹھہرے اِس لِئے کہ یہ بات اَیسی ہے جَیسے کوئی اپنے ہمسایہ پر حملہ کرے اور اُسے مار ڈالے۔ 27کیونکہ وہ لڑکی اُسے مَیدان میں مِلی اور وہ منسُوبہ لڑکی چِلاّئی بھی پر وہاں کوئی اَیسا نہ تھا جو اُسے چُھڑاتا۔
28اگر کِسی آدمی کو کوئی کُنواری لڑکی مِل جائے جِس کی نِسبت نہ ہُوئی ہو اور وہ اُسے پکڑ کر اُس سے صُحبت کرے اور دونوں پکڑے جائیں۔ 29تو وہ مَرد جِس نے اُس سے صُحبت کی ہو لڑکی کے باپ کو چاندی کی پچاس مِثقال دے اور وہ لڑکی اُس کی بِیوی بنے کیونکہ اُس نے اُسے بے حُرمت کِیا اور وہ اُسے اپنی زِندگی بھر طلاق نہ دینے پائے۔
30کوئی شخص اپنے باپ کی بِیوی سے بیاہ نہ کرے اور اپنے باپ کے دامن کو نہ کھولے۔
خُداوند (یہوواہ) کی جماعت سے اخراج
1جِس کے خُصئے کُچلے گئے ہوں یا آلت کاٹ ڈالی گئی ہو وہ خُداوند کی جماعت میں آنے نہ پائے۔
2کوئی حرام زادہ خُداوند کی جماعت میں داخِل نہ ہو۔ دسوِیں پُشت تک اُس کی نسل میں سے کوئی خُداوند کی جماعت میں آنے نہ پائے۔
3کوئی عَمّونی یا موآبی خُداوند کی جماعت میں داخِل نہ ہو۔ دسوِیں پُشت تک اُن کی نسل میں سے کوئی خُداوند کی جماعت میں کبھی آنے نہ پائے۔ 4اِس لِئے کہ جب تُم مِصرؔ سے نِکل کر آ رہے تھے تو اُنہوں نے روٹی اور پانی لے کر راستہ میں تُمہارا اِستِقبال نہیں کِیا بلکہ بعُور کے بیٹے بلعاؔم کو مسوپتامیہ کے فتور سے اُجرت پر بُلوایا تاکہ وہ تُجھ پر لَعنت کرے۔ 5لیکن خُداوند تیرے خُدا نے بلعاؔم کی نہ سُنی بلکہ خُداوند تیرے خُدا نے تیرے لِئے اُس لَعنت کو برکت سے بدل دِیا اِس لِئے کہ خُداوند تیرے خُدا کو تُجھ سے مُحبّت تھی۔ 6تُو اپنی زِندگی بھر کبھی اُن کی سلامتی یا سعادت کا خواہاں نہ ہونا۔
7تُو کِسی ادُومی سے نفرت نہ رکھنا کیونکہ وہ تیرا بھائی ہے۔ تُو کِسی مِصری سے بھی نفرت نہ رکھنا کیونکہ تُو اُس کے مُلک میں پردیسی ہو کر رہا تھا۔ 8اُن کی تِیسری پُشت کے جو لڑکے پَیدا ہوں وہ خُداوند کی جماعت میں آنے پائیں۔
لشکر گاہ کو پاک صاف رکھنا
9جب تُو اپنے دُشمنوں سے لڑنے کے لِئے دَل باندھ کر نِکلے تو اپنے کو ہر بُری چِیز سے بچائے رکھنا۔ 10اگر تُمہارے درمیان کوئی اَیسا آدمی ہو جو رات کو اِحتلام کے سبب سے ناپاک ہو گیا ہو تو وہ خَیمہ گاہ سے باہر نِکل جائے اور خَیمہ گاہ کے اندر نہ آئے۔ 11لیکن جب شام ہونے لگے تو وہ پانی سے غُسل کرے اور جب آفتاب غُروب ہو جائے تو خَیمہ گاہ میں آئے۔
12اور خَیمہ گاہ کے باہر تُو کوئی جگہ اَیسی ٹھہرا دینا جہاں تُو اپنی حاجت کے لِئے جا سکے۔ 13اور اپنے ساتھ اپنے ہتھیاروں میں ایک میخ بھی رکھنا تاکہ جب باہر تُجھے حاجت کے لِئے بَیٹھنا ہو تو اُس سے جگہ کھود لِیا کرے اور لَوٹتے وقت اپنے فُضلہ کو ڈھانک دِیا کرے۔ 14اِس لِئے کہ خُداوند تیرا خُدا تیری خَیمہ گاہ میں پِھرا کرتا ہے تاکہ تُجھ کو بچائے اور تیرے دُشمنوں کو تیرے ہاتھ میں کر دے سو تیری خَیمہ گاہ پاک رہے تا نہ ہو کہ وہ تُجھ میں نجاست کو دیکھ کر تُجھ سے پِھر جائے۔
مُختلف قواعد و ضوابط
15اگر کِسی کا غُلام اپنے آقا کے پاس سے بھاگ کر تیرے پاس پناہ لے تو تُو اُسے اُس کے آقا کے حَوالہ نہ کر دینا۔ 16بلکہ وہ تیرے ساتھ تیرے ہی درمیان تیری بستِیوں میں سے جو اُسے اچّھی لگے اُسے چُن کر اُسی جگہ رہے۔ سو تُو اُسے ہرگِز نہ ستانا۔
17اِسرائیلی لڑکِیوں میں کوئی فاحشہ نہ ہو اور نہ اِسرائیلی لڑکوں میں کوئی لُوطی ہو۔ 18تُو کِسی فاحشہ کی خرچی یا کُتّے کی اُجرت کِسی مَنّت کے لِئے خُداوند اپنے خُدا کے گھر میں نہ لانا کیونکہ یہ دونوں خُداوند تیرے خُدا کے نزدِیک مکرُوہ ہیں۔
19تُو اپنے بھائی کو سُود پر قرض نہ دینا خواہ وہ رُوپَے کا سُود ہو یا اناج کا سُود یا کِسی اَیسی چِیز کا سُود ہو جو بیاج پر دی جایا کرتی ہے۔ 20تُو پردیسی کو سُود پر قرض دے تو دے پر اپنے بھائی کو سُود پر قرض نہ دینا تاکہ خُداوند تیرا خُدا اُس مُلک میں جِس پر تُو قبضہ کرنے جا رہا ہے تیرے سب کاموں میں جِن کو تُو ہاتھ لگائے تُجھ کو برکت دے۔
21جب تُو خُداوند اپنے خُدا کی خاطِر مَنّت مانے تو اُس کے پُورا کرنے میں دیر نہ کرنا اِس لِئے کہ خُداوند تیرا خُدا ضرُور اُس کو تُجھ سے طلب کرے گا تب تُو گُنہگار ٹھہرے گا۔ 22لیکن اگر تُو مَنّت نہ مانے تو تیرا کوئی گُناہ نہیں۔ 23جو کُچھ تیرے مُنہ سے نِکلے اُسے دھیان کر کے پُورا کرنا اور جَیسی مَنّت تُو نے خُداوند اپنے خُدا کے لِئے مانی ہو اُس کے مُطابِق رضا کی قُربانی جِس کا وعدہ تیری زُبان سے ہُؤا گُذراننا۔
24جب تُو اپنے ہمسایہ کے تاکِستان میں جائے تو جِتنے انگُور چاہے پیٹ بھر کر کھانا پر کُچھ اپنے برتن میں نہ رکھ لینا۔ 25جب تُو اپنے ہمسایہ کے کھڑے کھیت میں جائے تو اپنے ہاتھ سے بالیں توڑ سکتا ہے پر اپنے ہمسایہ کے کھڑے کھیت کو ہنسوا نہ لگانا۔
طلاق اور دُوسرا بیاہ
1اگر کوئی مَرد کِسی عَورت سے بیاہ کرے اور پِیچھے اُس میں کوئی اَیسی بیہُودہ بات پائے جِس سے اُس عَورت کی طرف اُس کی اِلتفات نہ رہے تو وہ اُس کا طلاق نامہ لِکھ کر اُس کے حَوالہ کرے اور اُسے اپنے گھر سے نِکال دے۔ 2اور جب وہ اُس کے گھر سے نِکل جائے تو وہ دُوسرے مَرد کی ہو سکتی ہے۔ 3پر اگر دُوسرا شَوہر بھی اُس سے ناخُوش رہے اور اُس کا طلاق نامہ لِکھ کر اُس کے حَوالہ کرے اور اُسے اپنے گھر سے نِکال دے یا وہ دُوسرا شوہر جِس نے اُس سے بیاہ کِیا ہو مَر جائے۔ 4تو اُس کا پہلا شَوہر جِس نے اُسے نِکال دِیا تھا اُس عَورت کے ناپاک ہو جانے کے بعد پِھر اُس سے بیاہ نہ کرنے پائے کیونکہ اَیسا کام خُداوند کے نزدِیک مکرُوہ ہے۔ سو تو اُس مُلک کو جِسے خُداوند تیرا خُدا مِیراث کے طَور پر تُجھ کو دیتا ہے گُنہگار نہ بنانا۔
مُختلف قواعد و ضوابط
5جب کِسی نے کوئی نئی عَورت بیاہی ہو تو وہ جنگ کے لِئے نہ جائے اور نہ کوئی کام اُس کے سپُرد ہو۔ وہ سال بھر تک اپنے ہی گھر میں آزاد رہ کر اپنی بیاہی ہُوئی بِیوی کو خُوش رکھّے۔
6کوئی شخص چکّی کو یا اُس کے اُوپر کے پاٹ کو گِرَو نہ رکھّے کیونکہ یہ تو گویا آدمی کی جان کو گِرَو رکھنا ہے۔
7اگر کوئی شخص اپنے اِسرائیلی بھائِیوں میں سے کِسی کو غُلام بنائے یا بیچنے کی نِیّت سے چُراتا ہُؤا پکڑا جائے تو وہ چور مار ڈالا جائے۔ یُوں تُو اَیسی بُرائی اپنے درمیان سے دفع کرنا۔
8تُو کوڑھ کی بِیماری کی طرف سے ہوشیار رہنا اور لاوی کاہِنوں کی سب باتوں کو جو وہ تُم کو بتائیں جانفشانی سے ماننا اور اُن کے مُطابِق عمل کرنا جَیسا مَیں نے اُن کو حُکم کِیا ہے وَیسا دھیان دے کر کرنا۔ 9تُو یاد رکھنا کہ خُداوند تیرے خُدا نے جب تُم مِصرؔ سے نِکل کر آ رہے تھے تو راستہ میں مریمؔ سے کیا کِیا۔
10جب تُو اپنے بھائی کو کُچھ قرض دے تو گِرَو کی چِیز لینے کو اُس کے گھر میں نہ گُھسنا۔ 11تُو باہر ہی کھڑے رہنا اور وہ شخص جِسے تُو قرض دے خُود گِرَو کی چِیز باہر تیرے پاس لائے۔ 12اور اگر وہ شخص مِسکِین ہو تو اُس کی گِرَو کی چِیز کو پاس رکھ کر سو نہ جانا۔ 13بلکہ جب آفتاب غُروب ہونے لگے تو اُس کی چِیز اُسے پھیر دینا تاکہ وہ اپنا اوڑھنا اوڑھ کر سوئے اور تُجھ کو دُعا دے اور یہ بات تیرے لِئے خُداوند تیرے خُدا کے حضُور راست بازی ٹھہرے گی۔
14تُو اپنے غرِیب اور مُحتاج خادِم پر ظُلم نہ کرنا خواہ وہ تیرے بھائِیوں میں سے ہو خواہ اُن پردیسیوں میں سے جو تیرے مُلک کے اندر تیری بستِیوں میں رہتے ہوں۔ 15تُو اُسی دِن اِس سے پہلے کہ آفتاب غُروب ہو اُس کی مزدُوری اُسے دینا کیونکہ وہ غرِیب ہے اور اُس کا دِل مزدُوری میں لگا رہتا ہے تا نہ ہو کہ وہ خُداوند سے تیرے خِلاف فریاد کرے اور یہ تیرے حق میں گُناہ ٹھہرے۔
16بیٹوں کے بدلے باپ مارے نہ جائیں نہ باپ کے بدلے بیٹے مارے جائیں۔ ہر ایک اپنے ہی گُناہ کے سبب سے مارا جائے۔
17تُو پردیسی یا یتِیم کے مُقدّمہ کو نہ بِگاڑنا اور نہ بیوہ کے کپڑے کو گِرَو رکھنا۔ 18بلکہ یاد رکھنا کہ تُو مِصرؔ میں غُلام تھا اور خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو وہاں سے چُھڑایا اِسی لِئے مَیں تُجھ کو اِس کام کے کرنے کا حُکم دیتا ہُوں۔
19جب تُو اپنے کھیت کی فصل کاٹے اور کوئی پُولا کھیت میں بُھول سے رہ جائے تو اُس کے لینے کو واپس نہ جانا۔ وہ پردیسی اور یتِیم اور بیوہ کے لِئے رہے تاکہ خُداوند تیرا خُدا تیرے سب کاموں میں جِن کو تُو ہاتھ لگائے تُجھ کو برکت بخشے۔
20جب تُو اپنے زَیتُون کے درخت کو جھاڑے تو اُس کے بعد اُس کی شاخوں کو دوبارہ نہ جھاڑنا بلکہ وہ پردیسی اور یتِیم اور بیوہ کے لِئے رہے۔ 21جب تُو اپنے تاکِستان کے انگُوروں کو جمع کرے تو اُس کے بعد اُس کا دانہ دانہ نہ توڑ لینا۔ وہ پردیسی اور یتِیم اور بیوہ کے لِئے رہے۔ 22اور یاد رکھنا کہ تُو مُلکِ مِصرؔ میں غُلام تھا اِسی لِئے مَیں تُجھ کو اِس کام کے کرنے کا حُکم دیتا ہُوں۔
1اگر لوگوں میں کِسی طرح کا جھگڑا ہو اور وہ عدالت میں آئیں تاکہ قاضی اُن کا اِنصاف کریں تو وہ صادِق کو بے گُناہ ٹھہرائیں اور شرِیر پر فتویٰ دیں۔ 2اور اگر وہ شرِیر پِٹنے کے لائِق نِکلے تو قاضی اُسے زمِین پر لِٹوا کر اپنی آنکھوں کے سامنے اُس کی شرارت کے مُطابِق اُسے گِن گِن کر کوڑے لگوائے۔ 3وہ اُسے چالِیس کوڑے لگائے۔ اِس سے زِیادہ نہ مارے تا نہ ہو کہ اِس سے زِیادہ کوڑے لگانے سے تیرا بھائی تُجھ کو حقِیر معلُوم دینے لگے۔
4تُو دائیں میں چلتے ہُوئے بَیل کا مُنہ نہ باندھنا۔
مُردہ بھائی کا حق
5اگر کئی بھائی مِل کر ساتھ رہتے ہوں اور ایک اُن میں سے بے اَولاد مَر جائے تو اُس مرحُوم کی بِیوی کِسی اجنبی سے بیاہ نہ کرے بلکہ اُس کے شَوہر کا بھائی اُس کے پاس جا کر اُسے اپنی بِیوی بنا لے اور شَوہر کے بھائی کا جو حق ہے وہ اُس کے ساتھ ادا کرے۔ 6اور اُس عَورت کے جو پہلا بچّہ ہو وہ اِس آدمی کے مرحُوم بھائی کے نام کا کہلائے تاکہ اُس کا نام اِسرائیلؔ میں سے مٹ نہ جائے۔ 7اور اگر وہ آدمی اپنی بھاوج سے بیاہ کرنا نہ چاہے تو اُس کی بھاوج پھاٹک پر بزُرگوں کے پاس جائے اور کہے میرا دیور اِسرائیلؔ میں اپنے بھائی کا نام بحال رکھنے سے اِنکار کرتا ہے اور میرے ساتھ دیور کا حق ادا کرنا نہیں چاہتا۔ 8تب اُس کے شہر کے بزُرگ اُس آدمی کو بُلوا کر اُسے سمجھائیں اور اگر وہ اپنی بات پر قائِم رہے اور کہے کہ مُجھ کو اُس سے بیاہ کرنا منظُور نہیں۔ 9تو اُس کی بھاوج بزُرگوں کے سامنے اُس کے پاس جا کر اُس کے پاؤں سے جُوتی اُتارے اور اُس کے مُنہ پر تُھوک دے اور یہ کہے کہ جو آدمی اپنے بھائی کا گھر آباد نہ کرے اُس سے اَیسا ہی کِیا جائے گا۔ 10تب اِسرائیلِیوں میں اُس کا نام یہ پڑ جائے گا کہ یہ اُس شخص کا گھر ہے جِس کی جُوتی اُتاری گئی تھی۔
دیگر قواعد و ضوابط
11جب دو شخص آپس میں لڑتے ہوں اور ایک کی بِیوی پاس جا کر اپنے شَوہر کو اُس آدمی کے ہاتھ سے چُھڑانے کے لِئے جو اُسے مارتا ہو اپنا ہاتھ بڑھائے اور اُس کی شرمگاہ کو پکڑ لے۔ 12تو تُو اُس کا ہاتھ کاٹ ڈالنا اور ذرا ترس نہ کھانا۔
13تُو اپنے تَھیلے میں طرح طرح کے چھوٹے اور بڑے باٹ نہ رکھنا۔ 14تُو اپنے گھر میں طرح طرح کے چھوٹے اور بڑے پَیمانے بھی نہ رکھنا۔ 15تیرا باٹ پُورا اور ٹِھیک اور تیرا پَیمانہ بھی پُورا اور ٹِھیک ہو تاکہ اُس مُلک میں جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے تیری عُمر دراز ہو۔ 16اِس لِئے کہ وہ سب جو اَیسے اَیسے فریب کے کام کرتے ہیں خُداوند تیرے خُدا کے نزدِیک مکرُوہ ہیں۔
عمالِیقیوں کو قتل کرنے کا حُکم
17یاد رکھنا کہ جب تُم مِصرؔ سے نِکل کر آ رہے تھے تو راستہ میں عَمالیقِیوں نے تیرے ساتھ کیا کِیا۔ 18کیونکہ وہ راستہ میں تیرے مُقابِل آئے اور گو تُو تھکا ماندہ تھا تَو بھی اُنہوں نے اُن کو جو کمزور اور سب سے پِیچھے تھے مارا اور اُن کو خُدا کا خَوف نہ آیا۔ 19اِس لِئے جب خُداوند تیرا خُدا اُس مُلک میں جِسے خُداوند تیرا خُدا مِیراث کے طَور پر تُجھ کو قبضہ کرنے کو دیتا ہے تیرے سب دُشمنوں سے جو آس پاس ہیں تُجھ کو راحت بخشے تو تُو عمالیقِیوں کے نام و نِشان کو صفحۂِ روزگار سے مِٹا دینا۔ تُو اِس بات کو نہ بُھولنا۔
زرعی پَیداوار کے نذرانے
1اور جب تُو اُس مُلک میں جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو مِیراث کے طَور پر دیتا ہے پُہنچے اور اُس پر قبضہ کر کے اُس میں بس جائے۔ 2تب جو مُلک خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے اُس کی زمِین میں جو قِسم قِسم کی چِیزیں تُو لگائے اُن سب کے پہلے پَھل کو ایک ٹوکرے میں رکھ کر اُس جگہ لے جانا جِسے خُداوند تیرا خُدا اپنے نام کے مسکن کے لِئے چُنے۔ 3اور اُن دِنوں کے کاہِن کے پاس جا کر اُس سے کہنا کہ آج کے دِن مَیں خُداوند تیرے خُدا کے حضُور اِقرار کرتا ہُوں کہ مَیں اُس مُلک میں جِسے ہم کو دینے کی قَسم خُداوند نے ہمارے باپ دادا سے کھائی تھی آ گیا ہُوں۔
4تب کاہِن تیرے ہاتھ سے اُس ٹوکرے کو لے کر خُداوند تیرے خُدا کے مذبح کے آگے رکھّے۔ 5پِھر تُو خُداوند اپنے خُدا کے حضُور یُوں کہنا کہ میرا باپ ایک ارامی تھا جو مَرنے پر تھا۔ وہ مِصرؔ میں جا کر وہاں رہا اور اُس کے لوگ تھوڑے سے تھے اور وہِیں وہ ایک بڑی اور زورآور اور کثِیرُالتعداد قَوم بن گیا۔ 6پِھر مِصریوں نے ہم سے بُرا سلُوک کِیا اور ہم کو دُکھ دِیا اور ہم سے سخت خِدمت لی۔ 7اور ہم نے خُداوند اپنے باپ دادا کے خُدا کے حضُور فریاد کی تو خُداوند نے ہماری فریاد سُنی اور ہماری مُصِیبت اور مِحنت اور مظلُومی دیکھی۔ 8اور خُداوند قوّی ہاتھ اور بُلند بازُو سے بڑی ہَیبت اور نِشانوں اور مُعجِزوں کے ساتھ ہم کو مِصرؔ سے نِکال لایا۔ 9اور ہم کو اِس جگہ لا کر اُس نے یہ مُلک جِس میں دُودھ اور شہد بہتا ہے ہم کو دِیا ہے۔ 10سو اب اَے خُداوند! دیکھ جو زمِین تُو نے مُجھ کو دی ہے اُس کا پہلا پَھل مَیں تیرے پاس لے آیا ہُوں۔
پِھر تُو اُسے خُداوند اپنے خُدا کے آگے رکھ دینا اور خُداوند اپنے خُدا کو سِجدہ کرنا۔ 11اور تُو اور لاوی اور جو مُسافِر تیرے درمیان رہتے ہوں سب کے سب مِل کر اُن سب نِعمتوں کے لِئے جِن کو خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو اور تیرے گھرانے کو بخشا ہو خُوشی کرنا۔
12اور جب تُو تِیسرے سال جو دَہ یکی کا سال ہے اپنے سارے مال کی دَہ یکی نِکال چُکے تو اُسے لاوی اور مُسافِر اور یتِیم اور بیوہ کو دینا تاکہ وہ اُسے تیری بستِیوں میں کھائیں اور سیر ہوں۔ 13پِھر تُو خُداوند اپنے خُدا کے آگے یُوں کہنا کہ مَیں نے تیرے احکام کے مُطابِق جو تُو نے مُجھے دِئے مُقدّس چِیزوں کو اپنے گھر سے نِکالا اور اُن کو لاوِیوں اور مُسافِروں اور یتِیموں اور بیواؤں کو دے بھی دِیا اور مَیں نے تیرے کِسی حُکم کو نہیں ٹالا اور نہ اُن کو بُھولا۔ 14اور مَیں نے اپنے ماتم کے وقت اُن چِیزوں میں سے کُچھ نہیں کھایا اور ناپاک حالت میں اُن کو الگ نہیں کِیا اور نہ اُن میں سے کُچھ مُردوں کے لِئے دِیا۔ مَیں نے خُداوند اپنے خُدا کی بات مانی ہے اور جو کُچھ تُو نے حُکم دِیا اُسی کے مُطابِق عمل کِیا۔ 15آسمان پر سے جو تیرا مُقدّس مسکن ہے نظر کر اور اپنی قَوم اِسرائیلؔ کو اور اُس مُلک کو برکت دے جِس مُلک میں دُودھ اور شہد بہتا ہے اور جِس کو تُو نے اُس قَسم کے مُطابِق جو تُو نے ہمارے باپ دادا سے کھائی ہم کو عطا کِیا ہے۔
خُداوند (یہوواؔہ) کی اپنی قَوم
16خُداوند تیرا خُدا آج تُجھ کو اِن آئِین اور احکام کے ماننے کا حُکم دیتا ہے۔ سو تُو اپنے سارے دِل اور ساری جان سے اِن کو ماننا اور اِن پر عمل کرنا۔ 17تُو نے آج کے دِن اِقرار کِیا ہے کہ خُداوند تیرا خُدا ہے اور تُو اُس کی راہوں پر چلے گا اور اُس کے آئِین اور فرمان اور احکام کو مانے گا اور اُس کی بات سُنے گا۔ 18اور خُداوند نے بھی آج کے دِن تُجھ کو جَیسا اُس نے وعدہ کِیا تھا اپنی خاص قَوم قرار دِیا ہے تاکہ تُو اُس کے سب حُکموں کو مانے۔ 19اور وہ سب قَوموں سے جِن کو اُس نے پَیدا کِیا ہے تعرِیف اور نام اور عِزّت میں تُجھ کو مُمتاز کرے اور تُو اُس کے کہنے کے مُطابِق خُداوند اپنے خُدا کی مُقدّس قَوم بن جائے۔
خُدا کے حُکموں کو پتھّروں پر لِکھنا
1پِھر مُوسیٰ نے بنی اِسرائیل کے بزُرگوں کے ساتھ ہو کر لوگوں سے کہا کہ جِتنے حُکم آج کے دِن مَیں تُم کو دیتا ہُوں اُن سب کو ماننا۔ 2اور جِس دِن تُم یَردن پار ہو کر اُس مُلک میں جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے پُہنچو تو تُو بڑے بڑے پتّھر کھڑے کر کے اُن پر چُونے کی استرکاری کرنا۔ 3اور پار ہو جانے کے بعد اِس شرِیعت کی سب باتیں اُن پر لِکھنا تاکہ اُس وعدہ کے مُطابِق جو خُداوند تیرے باپ دادا کے خُدا نے تُجھ سے کِیا اُس مُلک میں جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے یعنی اُس مُلک میں جہاں دُودھ اور شہد بہتا ہے تُو پُہنچ جائے۔ 4سو تُم یَردن کے پار ہو کر اُن پتّھروں کو جِن کی بابت مَیں تُم کو آج کے دِن حُکم دیتا ہُوں کوہِ عیباؔل پر نصب کر کے اُن پر چُونے کی استرکاری کرنا۔ 5اور وہِیں تُو خُداوند اپنے خُدا کے لِئے پتّھروں کا ایک مذبح بنانا اور لوہے کا کوئی اَوزار اُن پر نہ لگانا۔ 6اور تُو خُداوند اپنے خُدا کا مذبح بے تراشے پتھّروں سے بنانا اور اُس پر خُداوند اپنے خُدا کے لِئے سوختنی قُربانِیاں گُذراننا۔ 7اور وہِیں سلامتی کی قُربانِیاں چڑھانا اور اُن کو کھانا اور خُداوند اپنے خُدا کے حضُور خُوشی منانا۔ 8اور اُن پتھّروں پر اِس شرِیعت کی سب باتیں صاف صاف لکھنا۔
9پِھر مُوسیٰ اور لاوی کاہِنوں نے سب بنی اِسرائیل سے کہا اَے اِسرائیلؔ! خاموش ہو جا اور سُن۔ تُو آج کے دِن خُداوند اپنے خُدا کی قَوم بن گیا ہے۔ 10سو تُو خُداوند اپنے خُدا کی بات سُننا اور اُس کے سب آئِین اور احکام پر جو آج کے دِن مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں عمل کرنا۔
نافرمانی کی لَعنتیں
11اور مُوسیٰ نے اُسی دِن لوگوں سے تاکید کر کے کہا کہ 12جب تُم یَردن پار ہو جاؤ تو کوہِ گرزیم پر شمعُوؔن اور لاوی اور یہُوداؔہ اور اِشکار اور یُوسفؔ اور بِنیمِین کھڑے ہوں اور لوگوں کو برکت سُنائیں۔ 13اور رُوبِن اور جد اور آشر اور زبُولُون اور دان اور نفتالی کوہِ عیباؔل پر کھڑے ہو کر لَعنت سُنائیں۔ 14اور لاوؔی بُلند آواز سے سب اِسرائیلی آدمِیوں سے کہیں کہ
15لَعنت اُس آدمی پر جو کارِیگری کی صنعت کی طرح کھودی ہُوئی یا ڈھالی ہُوئی مُورت بنا کر جو خُداوند کے نزدِیک مکرُوہ ہے اُس کو کِسی پوشِیدہ جگہ میں نصب کرے
اور سب لوگ جواب دیں اور کہیں آمِین۔
16لَعنت اُس پر جو اپنے باپ یا ماں کو حقِیر جانے
اور سب لوگ کہیں آمِین۔
17لَعنت اُس پر جو اپنے پڑوسی کی حد کے نِشان کو
ہٹائے
اور سب لوگ کہیں آمِین۔
18لَعنت اُس پر جو اندھے کو راستہ سے گُمراہ کرے
اور سب لوگ کہیں آمِین۔
19لَعنت اُس پر جو پردیسی اور یتِیم اور بیوہ کے
مُقدّمہ کو بِگاڑے
اور سب لوگ کہیں آمِین۔
20لَعنت اُس پر جو اپنے باپ کی بِیوی سے مُباشرت
کرے کیونکہ وہ اپنے باپ کے دامن کو بے
پردہ کرتا ہے
اور سب لوگ کہیں آمِین۔
21لَعنت اُس پر جو کِسی چَوپائے کے ساتھ جماع
کرے
اور سب لوگ کہیں آمِین۔
22لَعنت اُس پر جو اپنی بہن سے مُباشرت کرے خواہ
وہ اُس کے باپ کی بیٹی ہو خواہ ماں کی
اور سب لوگ کہیں آمِین۔
23لَعنت اُس پر جو اپنی ساس سے مُباشرت کرے
اور سب لوگ کہیں آمِین۔
24لَعنت اُس پر جو اپنے ہمسایہ کو پوشِیدگی میں مارے
اور سب لوگ کہیں آمِین۔
25لَعنت اُس پر جو بے گُناہ کو قتل کرنے کے لِئے
اِنعام لے
اور سب لوگ کہیں آمِین۔
26لَعنت اُس پر جو اِس شرِیعت کی باتوں پر عمل
کرنے کے لِئے اُن پر قائِم نہ رہے
اور سب لوگ کہیں آمِین۔
فرمانبرداری کی برکتیں
1اور اگر تُو خُداوند اپنے خُدا کی بات کو جانفشانی سے مان کر اُس کے اِن سب حُکموں پر جو آج کے دِن مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں اِحتیاط سے عمل کرے تو خُداوند تیرا خُدا دُنیا کی سب قَوموں سے زیادہ تُجھ کو سرفراز کرے گا۔ 2اور اگر تُو خُداوند اپنے خُدا کی بات سُنے تو یہ سب برکتیں تُجھ پر نازِل ہوں گی اور تُجھ کو مِلیں گی۔
3شہر میں بھی تُو مُبارک ہو گا اور کھیت میں بھی مُبارک ہو گا۔
4تیری اَولاد اور تیری زمِین کی پَیداوار اور تیرے چَوپایوں کے بچّے یعنی گائے بَیل کی بڑھتی اور تیری بھیڑ بکرِیوں کے بچّے مُبارک ہوں گے۔
5تیرا ٹوکرا اور تیری کٹھوتی دونوں مُبارک ہوں گے۔
6اور تُو اندر آتے وقت مُبارک ہو گا اور باہر جاتے وقت بھی مُبارک ہو گا۔
7خُداوند تیرے دُشمنوں کو جو تُجھ پر حملہ کریں تیرے رُوبرُو شِکست دِلائے گا۔ وہ تیرے مُقابلہ کو تو ایک ہی راستہ سے آئیں گے پر سات سات راستوں سے ہو کر تیرے آگے سے بھاگیں گے۔
8خُداوند تیرے انبار خانوں میں اور سب کاموں میں جِن میں تُو ہاتھ لگائے برکت کا حُکم دے گا اور خُداوند تیرا خُدا اُس مُلک میں جِسے وہ تُجھ کو دیتا ہے تُجھ کو برکت بخشے گا۔
9اگر تُو خُداوند اپنے خُدا کے حُکموں کو مانے اور اُس کی راہوں پر چلے تو خُداوند اپنی اُس قَسم کے مُطابِق جو اُس نے تُجھ سے کھائی تُجھ کو اپنی پاک قَوم بنا کر قائِم رکھّے گا۔ 10اور دُنیا کی سب قَومیں یہ دیکھ کر کہ تُو خُداوند کے نام سے کہلاتا ہے تُجھ سے ڈر جائیں گی۔ 11اور جِس مُلک کو تُجھ کو دینے کی قَسم خُداوند نے تیرے باپ دادا سے کھائی تھی اُس میں خُداوند تیری اَولاد کو اور تیرے چَوپایوں کے بچّوں کو اور تیری زمِین کی پَیداوار کو خُوب بڑھا کر تُجھ کو برومند کرے گا۔ 12خُداوند آسمان کو جو اُس کا اچھّا خرانہ ہے تیرے لِئے کھول دے گا کہ تیرے مُلک میں وقت پر مِینہہ برسائے اور وہ تیرے سب کاموں میں جِن میں تُو ہاتھ لگائے برکت دے گا اور تُو بُہت سی قَوموں کو قرض دے گا پر خُود قرض نہیں لے گا۔ 13اور خُداوند تُجھ کو دُم نہیں بلکہ سر ٹھہرائے گا اور تُو پست نہیں بلکہ سرفراز ہی رہے گا بشرطیکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کے حُکموں کو جو مَیں تُجھ کو آج کے دِن دیتا ہُوں سُنے اور اِحتیاط سے اُن پر عمل کرے۔ 14اور جِن باتوں کا مَیں آج کے دِن تُجھ حُکم دیتا ہُوں اُن میں سے کِسی سے دہنے یا بائیں ہاتھ مُڑ کر اَور معبُودوں کی پَیروی اور عِبادت نہ کرے۔
نافرمانی کے نتائج
15لیکن اگر تُو اَیسا نہ کرے کہ خُداوند اپنے خُدا کی بات سُن کر اُس کے سب احکام اور آئِین پر جو آج کے دِن مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں اِحتیاط سے عمل کرے تو یہ سب لَعنتیں تُجھ پر نازِل ہوں گی اور تُجھ کو لگیں گی۔
16شہر میں بھی تُو لَعنتی ہو گا اور کھیت میں بھی لَعنتی ہو گا۔
17تیرا ٹوکرا اور تیری کٹھوتی دونوں لَعنتی ٹھہریں گے۔
18تیری اَولاد اور تیری زمِین کی پَیداوار اور تیرے گائے بَیل کی بڑھتی اور تیری بھیڑ بکرِیوں کے بچّے لَعنتی ہوں گے۔
19تُو اندر آتے لَعنتی ٹھہرے گا اور باہر جاتے بھی لَعنتی ٹھہرے گا۔
20خُداوند اُن سب کاموں میں جِن کو تُو ہاتھ لگائے لَعنت اور اِضطراب اور پِھٹکار کو تُجھ پر نازِل کرے گا جب تک کہ تُو ہلاک ہو کر جلد نیست و نابُود نہ ہو جائے۔ یہ تیری اُن بداعمالِیوں کے سبب سے ہو گا جِن کو کرنے کی وجہ سے تُو مُجھ کو چھوڑ دے گا۔ 21خُداوند اَیسا کرے گا کہ وبا تُجھ سے لِپٹی رہے گی جب تک کہ وہ تُجھ کو اُس مُلک سے جِس پر قبضہ کرنے کو تُو وہاں جا رہا ہے فنا نہ کر دے۔ 22خُداوند تُجھ کو تپِ دِق اور بُخار اور سوزِش اور شدِید حرارت اور تلوار اور بادِ سمُوم اور گیروئی سے مارے گا اور یہ تیرے پِیچھے پڑے رہیں گے جب تک کہ تُو فنا نہ ہو جائے۔ 23اور آسمان جو تیرے سر پر ہے پِیتل کا اور زمِین جو تیرے نِیچے سے لوہے کی ہو جائے گی۔ 24خُداوند مِینہہ کے بدلے تیری زمِین پر خاک اور دُھول برسائے گا۔ یہ آسمان سے تُجھ پر پڑتی ہی رہے گی جب تک کہ تُو ہلاک نہ ہو جائے۔
25خُداوند تُجھ کو تیرے دُشمنوں کے آگے شِکست دِلائے گا۔ تُو اُن کے مُقابلہ کے لِئے تو ایک ہی راستہ سے جائے گا اور اُن کے سامنے سے سات سات راستوں سے ہو کر بھاگے گا اور دُنیا کی تمام سلطنتوں میں تُو مارا مارا پِھرے گا۔ 26اور تیری لاش ہوا کے پرِندوں اور زمِین کے درِندوں کی خُوراک ہو گی اور کوئی اُن کو ہنکا کر بھگانے کو بھی نہ ہو گا۔ 27خُداوند تُجھ کو مِصرؔ کے پھوڑوں اور بواسِیر اور کُھجلی اور خارِش میں اَیسا مُبتلا کرے گا کہ تُو کبھی اچھّا بھی نہیں ہونے کا۔ 28خُداوند تُجھ کو جنُون اور نابِینائی اور دِل کی گھبراہٹ میں بھی مُبتلا کر دے گا۔ 29اور جَیسے اندھا اندھیرے میں ٹٹولتا ہے وَیسے ہی تُو دوپہر دِن کو ٹٹولتا پِھرے گا اور تُو اپنے سب دھندوں میں ناکام رہے گا اور تُجھ پر ہمیشہ ظُلم ہی ہو گا اور تُو لُٹتا ہی رہے گا اور کوئی نہ ہو گا جو تُجھ کو بچائے۔
30عَورت سے منگنی تو تُو کرے گا لیکن دُوسرا اُس سے مُباشرت کرے گا۔ تُو گھر بنائے گا پر اُس میں بسنے نہ پائے گا۔ تُو تاکِستان لگائے گا پر اُس کا پَھل اِستعمال نہ کرے گا۔ 31تیرا بَیل تیری آنکھوں کے سامنے ذبح کِیا جائے گا پر تُو اُس کا گوشت کھانے نہ پائے گا۔ تیرا گدھا تُجھ سے جبراً چِھین لِیا جائے گا اور تُجھ کو پِھر نہ ملے گا۔ تیری بھیڑیں تیرے دُشمنوں کے ہاتھ لگیں گی اور کوئی نہ ہو گا جو تُجھ کو بچائے۔ 32تیرے بیٹے اور بیٹِیاں دُوسری قَوم کو دی جائیں گی اور تیری آنکھیں دیکھیں گی اور سارے دِن اُن کے لِئے ترستے ترستے رہ جائیں گی اور تیرا کُچھ بس نہیں چلے گا۔ 33تیری زمِین کی پَیداوار اور تیری ساری کمائی کو ایک اَیسی قَوم کھائے گی جِس سے تُو واقِف نہیں اور تُو سدا مظلُوم اور دبا ہی رہے گا۔ 34یہاں تک کہ اِن باتوں کو اپنی آنکھوں سے دیکھ دیکھ کر دِیوانہ ہو جائے گا۔ 35خُداوند تیرے گُھٹنوں اور ٹانگوں میں اَیسے بُرے پھوڑے پَیدا کرے گا کہ اُن سے تُو پاؤں کے تلوے سے لے کر سر کی چاندی تک شِفا نہ پا سکے گا۔
36خُداوند تُجھ کو اور تیرے بادشاہ کو جِسے تُو اپنے اُوپر مُقرّر کرے گا ایک اَیسی قَوم کے بِیچ لے جائے گا جِسے تُو اور تیرے باپ دادا جانتے بھی نہیں اور وہاں تُو اَور معبُودوں کی جو محض لکڑی اور پتّھر ہیں عِبادت کرے گا۔ 37اور اُن سب قَوموں میں جہاں جہاں خُداوند تُجھ کو پُہنچائے گا تُو باعِث حَیرت اور ضربُ المثل اور انگشت نُما بنے گا۔
38تُو کھیت میں بُہت سا بِیج لے جائے گا لیکن تھوڑا سا جمع کرے گا کیونکہ ٹِڈّی اُسے چاٹ لے گی۔ 39تُو تاکِستان لگائے گا اور اُن پر مِحنت کرے گا لیکن نہ تُو مَے پِینے اور نہ انگُور جمع کرنے پائے گا کیونکہ اُن کو کِیڑے کھا جائیں گے۔ 40تیری سب حدُود میں زَیتُون کے درخت لگے ہوں گے پر تُو اُن کا تیل نہیں لگانے پائے گا کیونکہ تیرے زَیتُون کے درختوں کا پَھل جھڑ جایا کرے گا۔ 41تیرے بیٹے اور بیٹِیاں پَیدا ہوں گی پر وہ سب تیرے نہ رہیں گے کیونکہ وہ اسِیر ہو کر چلے جائیں گے۔ 42تیرے سب درختوں اور تیری زمِین کی پَیداوار پر ٹِڈّیاں قبضہ کر لیں گی۔
43پردیسی جو تیرے درمیان ہو گا وہ تُجھ سے بڑھتا اور سرفراز ہوتا جائے گا پر تُو پست ہی پست ہوتا جائے گا۔ 44وہ تُجھ کو قرض دے گا پر تُو اُسے قرض نہ دے سکے گا۔ وہ سر ہو گا اور تُو دُم ٹھہرے گا۔
45اور چُونکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کے اُن حُکموں اور آئِین پر جِن کو اُس نے تُجھ کو دِیا ہے عمل کرنے کے لِئے اُس کی بات نہیں سُنے گا اِس لِئے یہ سب لَعنتیں تُجھ پر آئیں گی اور تیرے پِیچھے پڑی رہیں گی اور تُجھ کو لگیں گی جب تک تیرا ناس نہ ہو جائے۔ 46اور وہ تُجھ پر اور تیری اَولاد پر سدا نِشان اور اچنبھے کے طَور پر رہیں گی۔ 47اور چُونکہ تُو باوجُود سب چِیزوں کی فراوانی کے فرحت اور خُوش دِلی سے خُداوند اپنے خُدا کی عِبادت نہیں کرے گا۔ 48اِس لِئے بُھوکا اور پِیاسا اور ننگا اور سب چِیزوں کا مُحتاج ہو کر تُو اپنے اُن دُشمنوں کی خِدمت کرے گا جِن کو خُداوند تیرے برخِلاف بھیجے گا اور غنِیم تیری گردن پر لوہے کو جُؤا رکھّے رہے گا جب تک وہ تیرا ناس نہ کر دے۔ 49خُداوند دُور سے بلکہ زمِین کے کنارے سے ایک قَوم کو تُجھ پر چڑھا لائے گا جَیسے عُقاب ٹُوٹ کر آتا ہے۔ اُس قَوم کی زُبان کو تُو نہیں سمجھے گا۔ 50اُس قَوم کے لوگ تُرش رُو ہوں گے جو نہ بُڈّھوں کا لِحاظ کریں گے نہ جوانوں پر ترس کھائیں گے۔ 51اور وہ تیرے چَوپایوں کے بچّوں اور تیری زمِین کی پَیداوار کو کھاتے رہیں گے جب تک تیرا ناس نہ ہو جائے اور وہ تیرے لِئے اناج یا مَے یا تیل یا گائے بَیل کی بڑھتی یا تیری بھیڑ بکرِیوں کے بچّے کُچھ نہیں چھوڑیں گے جب تک وہ تُجھ کو فنا نہ کر دیں۔ 52اور وہ تیرے تمام مُلک میں تیرا مُحاصرہ تیری ہی بستِیوں میں کِئے رہیں گے جب تک تیری اُونچی اُونچی فصِیلیں جِن پر تیرا بھروسا ہو گا گِر نہ جائیں۔ تیرا مُحاصرہ وہ تیرے ہی اُس مُلک کی سب بستِیوں میں کریں گے جِسے خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے۔
53تب اُس مُحاصرہ کے مَوقع پر اور اُس آڑے وقت میں تُو اپنے دُشمنوں سے تنگ آ کر اپنے ہی جِسم کے پَھل کو یعنی اپنے ہی بیٹوں اور بیٹِیوں کا گوشت جِن کو خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو عطا کِیا ہو گا کھائے گا۔ 54وہ شخص جو تُم میں ناز پروردہ اور نازُک بدن ہو گا اُس کی بھی اپنے بھائی اور اپنی ہم آغوش بِیوی اور اپنے باقی ماندہ بچّوں کی طرف بُری نظر ہو گی۔ 55یہاں تک کہ وہ اِن میں سے کِسی کو بھی اپنے ہی بچّوں کے گوشت میں سے جِن کو وہ خُود کھائے گا کُچھ نہیں دے گا کیونکہ اُس مُحاصرہ کے مَوقع پر اور اُس آڑے وقت میں جب تیرے دُشمن تُجھ کو تیری ہی سب بستِیوں میں تنگ کر ماریں گے تو اُس کے پاس اَور کُچھ باقی نہ رہے گا۔ 56وہ عَورت بھی جو تُمہارے درمیان اَیسی ناز پروردہ اور نازُک بدن ہو گی کہ نرمی و نزاکت کے سبب سے اپنے پاؤں کا تلوا بھی زمِین سے لگانے کی جُرأت نہ کرتی ہو اُس کی بھی اپنے پہلُو کے شَوہر اور اپنے ہی بیٹے اور بیٹی۔ 57اور اپنے ہی نوزاد بچّے کی طرف جو اُس کی رانوں کے بِیچ سے نِکلا ہو بلکہ اپنے سب لڑکے بالوں کی طرف جِن کو وہ جنے گی بُری نظر ہوگی کیونکہ وہ تمام چِیزوں کی قِلّت کے سبب سے اُن ہی کو چِھپ چِھپ کر کھائے گی جب اُس مُحاصرہ کے مَوقع پر اور اُس آڑے وقت میں تیرے دُشمن تیری ہی بستِیوں میں تُجھ کو تنگ کر ماریں گے۔
58اگر تُو اُس شرِیعت کی اُن سب باتوں پر جو اِس کِتاب میں لِکھی ہیں اِحتیاط رکھ کر اِس طرح عمل نہ کرے کہ تُجھ کو خُداوند اپنے خُدا کے جلالی اور مُہِیب نام کا خَوف ہو۔ 59تو خُداوند تُجھ پر عجِیب آفتیں نازِل کرے گا اور تیری اَولاد کی آفتوں کو بڑھا کر بڑی اور دیرپا آفتیں اور سخت اور دیرپا بیمارِیاں کر دے گا۔ 60اور مِصرؔ کے سب روگ جِن سے تُو ڈرتا تھا تُجھ کو لگائے گا اور وہ تُجھ کو لگے رہیں گے۔ 61اور اُن سب بیمارِیوں اور آفتوں کو بھی جو اِس شرِیعت کی کِتاب میں مذکُور نہیں ہیں خُداوند تُجھ کو لگائے گا جب تک تیرا ناس نہ ہو جائے۔ 62اور چُونکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کی بات نہیں سُنے گا اِس لِئے کہاں تو تُم کثرت میں آسمان کے تاروں کی مانِند ہو اور کہاں شُمار میں تھوڑے ہی سے رہ جاؤ گے۔ 63تب یہ ہو گا کہ جَیسے تُمہارے ساتھ بھلائی کرنے اور تُم کر بڑھانے سے خُداوند خُوشنُود ہُؤا اَیسے ہی تُم کو فنا کرانے اور ہلاک کر ڈالنے سے خُداوند خُوشنُود ہو گا اور تُم اُس مُلک سے اُکھاڑ دِئے جاؤ گے جہاں تُو اُس پر قبضہ کرنے کو جا رہا ہے۔
64اور خُداوند تُجھ کو زمِین کے ایک سِرے سے دُوسرے سِرے تک تمام قَوموں میں پراگندہ کرے گا۔ وہاں تُو لکڑی اور پتّھر کے اَور معبُودوں کی جِن کو تُو یا تیرے باپ دادا جانتے بھی نہیں پرستِش کرے گا۔ 65اُن قَوموں کے بِیچ تُجھ کو چَین نصِیب نہ ہو گا اور نہ تیرے پاؤں کے تلوے کو آرام مِلے گا بلکہ خُداوند تُجھ کو وہاں دِل لرزان اور آنکھوں کی دُھندلاہٹ اور جی کی کُڑھن دے گا۔ 66اور تیری جان دُبدھے میں اٹکی رہے گی اور تُو رات دِن ڈرتا رہے گا اور تیری زِندگی کا کوئی ٹِھکانا نہ ہو گا۔ 67اور تُو اپنے دِلی خَوف کے اور اُن نظّاروں کے سبب سے جِن کو تُو اپنی آنکھوں سے دیکھے گا صُبح کو کہے گا کہ اَے کاش کہ شام ہوتی اور شام کو کہے گا اَے کاش کہ صُبح ہوتی۔ 68اور خُداوند تُجھ کو کشتِیوں میں چڑھا کر اُس راستہ سے مِصرؔ میں لَوٹا لے جائے گا جِس کی بابت مَیں نے تُجھ سے کہا کہ تُو اُسے پِھر کبھی نہ دیکھنا اور وہاں تُم اپنے دُشمنوں کے غُلام اور لَونڈی ہونے کے لِئے اپنے کو بیچو گے پر کوئی خریدار نہ ہو گا۔
مُلکِ موآب میں اِسرائیلیوں کے ساتھ خُداوند کا عہد
1اِسرائیلِیوں کے ساتھ جِس عہد کے باندھنے کا حُکم خُداوند نے مُوسیٰ کو موآب کے مُلک میں دِیا اُسی کی یہ باتیں ہیں۔ یہ اُس عہد سے الگ ہے جو اُس نے اُن کے ساتھ حورِب میں باندھا تھا۔
2سو مُوسیٰ نے سب اِسرائیلِیوں کو بُلوا کر اُن سے کہا تُم نے سب کُچھ جو خُداوند نے تُمہاری آنکھوں کے سامنے مُلکِ مِصرؔ میں فرِعونؔ اور اُس کے سب خادِموں اور اُس کے سارے مُلک سے کِیا دیکھا ہے۔ 3اِمتِحان کے وہ بڑے بڑے کام اور نِشان اور بڑے بڑے کرِشمے تُو نے اپنی آنکھوں سے دیکھے۔ 4لیکن خُداوند نے تُم کو آج تک نہ تو اَیسا دِل دِیا جو سمجھے اور نہ دیکھنے کی آنکھیں اور سُننے کے کان دِئے۔ 5اور مَیں چالِیس برس بیابان میں تُم کو لِئے پِھرا اور نہ تُمہارے تن کے کپڑے پُرانے ہُوئے اور نہ تیرے پاؤں کی جُوتی پُرانی ہُوئی۔ 6اور تُم اِسی لِئے روٹی کھانے اور مَے یا شراب پِینے نہیں پائے تاکہ تُم جان لو کہ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔ 7اور جب تُم اِس جگہ آئے تو حسبون کا بادشاہ سِیحوؔن اور بسن کا بادشاہ عوج ہمارا مُقابلہ کرنے کو نِکلے اور ہم نے اُن کو مار کر۔ 8اُن کا مُلک لے لِیا اور اُسے روبِینِیوں کو اور جدّیوں کو اور منَسِّیوں کے آدھے قبِیلہ کو مِیراث کے طَور پر دے دِیا۔ 9پس تُم اِس عہد کی باتوں کو ماننا اور اُن پر عمل کرنا تاکہ جو کُچھ تُم کرو اُس میں کامیاب ہو۔
10آج کے دِن تُم اور تُمہارے سردار تُمہارے قبِیلے اور تُمہارے بزُرگ اور تُمہارے منصب دار اور سب اِسرائیلی مَرد۔ 11اور تُمہارے بچّے اور تُمہاری بِیویاں اور وہ پردیسی بھی جو تیری خَیمہ گاہ میں رہتا ہے خواہ وہ تیرا لکڑہارا ہو خواہ سقّا سب کے سب خُداوند اپنے خُدا کے سامنے کھڑے ہو۔ 12تاکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کے عہد میں جِسے وہ تیرے ساتھ آج باندھتا اور اُس کی قَسم میں جِسے وہ آج تُجھ سے کھاتا ہے شامِل ہو۔ 13اور وہ تُجھ کو آج کے دِن اپنی قَوم قرار دے اور وہ تیرا خُدا ہو جَیسا اُس نے تُجھ سے کہا۔ جَیسی اُس نے تیرے باپ دادا ابرہامؔ اور اِضحاقؔ اور یعقُوبؔ سے قَسم کھائی۔ 14اور مَیں اِس عہد اور قَسم میں فقط تُم ہی کو نہیں۔ 15پر اُس کو بھی جو آج کے دِن خُداوند ہمارے خُدا کے حضُور یہاں ہمارے ساتھ کھڑا ہے اور اُس کو بھی جو آج کے دِن یہاں ہمارے ساتھ نہیں اُن میں شامِل کرتا ہُوں۔
16(تُم خُود جانتے ہو کہ مُلکِ مِصرؔ میں ہم کَیسے رہے اور کیونکر اُن قَوموں کے بِیچ سے ہو کر آئے جِن کے درمیان سے تُم گُذرے۔ 17اور تُم نے خُود اُن کی مکرُوہ چِیزیں اور لکڑی اور پتّھر اور چاندی اور سونے کی مُورتیں دیکِھیں جو اُن کے ہاں تِھیں)۔ 18سو اَیسا نہ ہو کہ تُم میں کوئی مَرد یا عَورت یا خاندان یا قبِیلہ اَیسا ہو جِس کا دِل آج کے دِن خُداوند ہمارے خُدا سے برگشتہ ہو اور وہ جا کر اُن قَوموں کے دیوتاؤں کی پرستِش کرے یا اَیسا نہ ہو کہ تُم میں کوئی اَیسی جڑ ہو جو اندراین اور ناگدَونا پَیدا کرے۔ 19اور اَیسا آدمی لَعنت کی یہ باتیں سُن کر دِل ہی دِل میں اپنے کو مُبارک باد دے اور کہے کہ خواہ مَیں کَیسا ہی ہٹّی ہو کر تر کے ساتھ خُشک کو فنا کر ڈالُوں تَو بھی میرے لِئے سلامتی ہے۔ 20پر خُداوند اُسے مُعاف نہیں کرے گا بلکہ اُس وقت خُداوند کا قہر اور اُس کی غَیرت اُس آدمی پر برانگیختہ ہو گی اور سب لَعنتیں جو اِس کِتاب میں لِکھی ہیں اُس پر پڑیں گی اور خُداوند اُس کے نام کو صفحۂِ روزگار سے مِٹا دے گا۔ 21اور خُداوند اِس عہد کی اُن سب لَعنتوں کے مُطابِق جو اِس شرِیعت کی کِتاب میں لِکھی ہیں اُسے اِسرائیلؔ کے سب قبِیلوں میں سے بُری سزا کے لِئے جُدا کرے گا۔
22اور آنے والی پُشتوں میں تُمہاری نسل کے لوگ جو تُمہارے بعد پَیدا ہوں گے اور پردیسی بھی جو دُور کے مُلک سے آئیں گے جب وہ اِس مُلک کی بلاؤں اور خُداوند کی لگائی ہُوئی بیمارِیوں کو دیکھیں گے۔ 23اور یہ بھی دیکھیں گے کہ سارا مُلک گویا گندھک اور نمک بنا پڑا ہے اور اَیسا جل گیا ہے کہ اِس میں نہ تو کُچھ بویا جاتا نہ پَیدا ہوتا اور نہ کِسی قِسم کی گھاس اُگتی ہے اور وہ سدُوؔم اور عمُورؔہ اور اَدمہ اور ضبوئِیم کی طرح اُجڑ گیا جِن کو خُداوند نے اپنے غضب اور قہر میں تباہ کر ڈالا۔ 24تب وہ بلکہ سب قَومیں پُوچھیں گی کہ خُداوند نے اِس مُلک سے اَیسا کیوں کِیا؟ اور اَیسے بڑے قہر کے بھڑکنے کا سبب کِیا ہے؟ 25اُس وقت لوگ جواب دیں گے کہ خُداوند اِن کے باپ دادا کے خُدا نے جو عہد اِن کے ساتھ اِن کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکالتے وقت باندھا تھا اُسے اِن لوگوں نے چھوڑ دِیا۔ 26اور جا کر اور معبُودوں کی عِبادت اور پرستِش کی جِن سے وہ واقِف نہ تھے اور جِن کو خُداوند نے اِن کو دِیا بھی نہ تھا۔ 27اِسی لِئے اِس کِتاب کی لِکھی ہُوئی سب لَعنتوں کو اِس مُلک پر نازِل کرنے کے لِئے خُداوند کا غضب اِس پر بھڑکا۔ 28اور خُداوند نے قہر اور غُصّہ اور بڑے غضب میں اِن کو اِن کے مُلک سے اُکھاڑ کر دُوسرے مُلک میں پھینکا جَیسا آج کے دِن ظاہِر ہے۔
29غَیب کا مالِک تو خُداوند ہمارا خُدا ہی ہے پر جو باتیں ظاہِر کی گئی ہیں وہ ہمیشہ تک ہمارے اور ہماری اَولاد کے لِئے ہیں تاکہ ہم اِس شرِیعت کی سب باتوں پر عمل کریں۔
بحالی اور برکت کی شرائط
1اور جب یہ سب باتیں یعنی برکت اور لَعنت جِن کو مَیں نے آج تیرے آگے رکھّا ہے تُجھ پر آئیں اور تُو اُن قَوموں کے بِیچ جِن میں خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو ہنکا کر پُہنچا دِیا ہو اُن کو یاد کرے۔ 2اور تُو اور تیری اَولاد دونوں خُداوند اپنے خُدا کی طرف پِھریں اور اُس کی بات اِن سب احکام کے مُطابِق جو مَیں آج تُجھ کو دیتا ہُوں اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے مانیں۔ 3تو خُداوند تیرا خُدا تیری اسِیری کو پلٹ کر تُجھ پر رحم کرے گا اور پِھر کر تُجھ کو سب قَوموں میں سے جِن میں خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو پراگندہ کِیا ہو جمع کرے گا۔ 4اگر تیرے آوارہ گرد دُنیا کے اِنتہائی حِصّوں میں بھی ہوں تو وہاں سے بھی خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو جمع کر کے لے آئے گا۔ 5اور خُداوند تیرا خُدا اُسی مُلک میں تُجھ کو لائے گا جِس پر تیرے باپ دادا نے قبضہ کِیا تھا اور تُو اُس کو اپنے قبضہ میں لائے گا۔ پِھر وہ تُجھ سے بھلائی کرے گا اور تیرے باپ دادا سے زِیادہ تُجھ کو بڑھائے گا۔ 6اور خُداوند تیرا خُدا تیرے اور تیری اَولاد کے دِل کا خَتنہ کرے گا تاکہ تُو خُداوند اپنے خُدا سے اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے مُحبّت رکھّے اور جِیتا رہے۔ 7اور خُداوند تیرا خُدا یہ سب لَعنتیں تیرے دُشمنوں اور کِینہ رکھنے والوں پر جِنہوں نے تُجھ کو ستایا نازِل کرے گا۔ 8اور تُو لَوٹے گا اور خُداوند کی بات سُنے گا اور اُس کے سب حُکموں پر جو مَیں آج تُجھ کو دیتا ہُوں عمل کرے گا۔ 9اور خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو تیرے کاروبار اور آس اَولاد اور چَوپایوں کے بچّوں اور زمِین کی پَیداوار کے لِحاظ سے تیری بھلائی کی خاطِر تُجھ کو برومند کرے گا کیونکہ خُداوند تیری ہی بھلائی کی خاطِر پِھر تُجھ سے خُوش ہو گا جَیسے وہ تیرے باپ دادا سے خُوش تھا۔ 10بشرطیکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کی بات کو سُن کر اُس کے احکام اور آئِین کو مانے جو شرِیعت کی اِس کِتاب میں لِکھے ہیں اور اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے خُداوند اپنے خُدا کی طرف پِھرے۔
11کیونکہ وہ حُکم جو آج کے دِن مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں تیرے لِئے بُہت مُشکِل نہیں اور نہ وہ دُور ہے۔ 12وہ آسمان پر تو ہے نہیں کہ تُو کہے کہ آسمان پر کَون ہماری خاطِر چڑھے اور اُس کو ہمارے پاس لا کر سُنائے تاکہ ہم اُس پر عمل کریں؟ 13اور نہ وہ سمُندر پار ہے کہ تُو کہے کہ سمُندر پار کَون ہماری خاطِر جائے اور اُس کو ہمارے پاس لا کر سُنائے تاکہ ہم اُس پر عمل کریں؟ 14بلکہ وہ کلام تیرے بُہت نزدِیک ہے۔ وہ تیرے مُنہ میں اور تیرے دِل میں ہے تاکہ تُو اُس پر عمل کرے۔
15دیکھ مَیں نے آج کے دِن زِندگی اور بھلائی کو اور مَوت اور بُرائی کو تیرے آگے رکھّا ہے۔ 16کیونکہ مَیں آج کے دِن تُجھ کو حُکم کرتا ہُوں کہ تُو خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھّے اور اُس کی راہوں پر چلے اور اُس کے فرمان اور آئِین اور احکام کو مانے تاکہ تُو جِیتا رہے اور بڑھے اور خُداوند تیرا خُدا اُس مُلک میں تُجھ کو برکت بخشے جِس پر قبضہ کرنے کو تُو وہاں جا رہا ہے۔ 17پر اگر تیرا دِل برگشتہ ہو جائے اور تُو نہ سُنے بلکہ گُمراہ ہو کر اَور معبُودوں کی پرستِش اور عِبادت کرنے لگے۔ 18تو آج کے دِن مَیں تُم کو جتا دیتا ہُوں کہ تُم ضرُور فنا ہو جاؤ گے اور اُس مُلک میں جِس پر قبضہ کرنے کو تُو یَردن پار جا رہا ہے تُمہاری عُمر دراز نہ ہو گی۔ 19مَیں آج کے دِن آسمان اور زمِین کو تُمہارے برخِلاف گواہ بناتا ہُوں کہ مَیں نے زِندگی اور مَوت کو اور برکت اور لَعنت کو تیرے آگے رکھّا ہے پس تُو زِندگی کو اِختیار کر کہ تُو بھی جِیتا رہے اور تیری اَولاد بھی۔ 20تاکہ تُو خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھّے اور اُس کی بات سُنے اور اُسی سے لِپٹا رہے کیونکہ وُہی تیری زِندگی اور تیری عُمر کی درازی ہے تاکہ تُو اُس مُلک میں بسا رہے جِس کو تیرے باپ دادا ابرہامؔ اور اِضحاقؔ اور یعقُوب کو دینے کی قَسم خُداوند نے اُن سے کھائی تھی۔ یشُوع مُوسیٰ کا جانشیِن بنتا ہے
1اور مُوسیٰ نے جا کر یہ باتیں سب اِسرائیلِیوں کو سُنائِیں۔ 2اور اُن کو کہا کہ مَیں تو آج کے دِن ایک سَو بیس برس کا ہُوں۔ مَیں اب چل پِھر نہیں سکتا اور خُداوند نے مُجھ سے کہا ہے کہ تُو اِس یَردن پار نہیں جائے گا۔ 3سو خُداوند تیرا خُدا ہی تیرے آگے آگے پار جائے گا اور وُہی اُن قَوموں کو تیرے آگے سے فنا کرے گا اور تُو اُن کا وارِث ہو گا اور جَیسا خُداوند نے کہا ہے یشوع تیرے آگے آگے پار جائے گا۔ 4اور خُداوند اُن سے وُہی کرے گا جو اُس نے امورِیوں کے بادشاہ سِیحوؔن اور عوج اور اُن کے مُلک سے کِیا کہ اُن کو فنا کر ڈالا۔ 5اور خُداوند اُن کو تُم سے شِکست دِلائے گا اور تُم اُن سے اُن سب حُکموں کے مُطابِق پیش آنا جو مَیں نے تُم کو دِئے ہیں۔ 6تُو مضبُوط ہو جا اور حَوصلہ رکھ۔ مت ڈر اور نہ اُن سے خَوف کھا کیونکہ خُداوند تیرا خُدا خُود ہی تیرے ساتھ جاتا ہے۔ وہ تُجھ سے دست بردار نہیں ہو گا اور نہ تُجھ کو چھوڑے گا۔
7پِھر مُوسیٰ نے یشُوؔع کو بُلا کر سب اِسرائیلِیوں کے سامنے اُس سے کہا کہ تُو مضبُوط ہو جا اور حَوصلہ رکھ کیونکہ تُو اِس قَوم کے ساتھ اُس مُلک میں جائے گا جِس کو خُداوند نے اُن کے باپ دادا سے قَسم کھا کر دینے کو کہا تھا اور تُو اُن کو اُس کا وارِث بنائے گا۔ 8اور خُداوند ہی تیرے آگے آگے چلے گا۔ وہ تیرے ساتھ رہے گا۔ وہ تُجھ سے نہ دست بردار ہو گا نہ تُجھے چھوڑے گا سو تُو خَوف نہ کر اور بے دِل نہ ہو۔
ہر ساتویں سال شرِیعت کی کِتاب پڑھی جائے
9اور مُوسیٰ نے اِس شرِیعت کو لِکھ کر اُسے کاہِنوں کے جو بنی لاوی اور خُداوند کے عہد کے صندُوق کے اُٹھانے والے تھے اور اِسرائیلؔ کے سب بزُرگوں کے سپُرد کِیا۔ 10پِھر مُوسیٰ نے اُن کو یہ حُکم دِیا کہ ہر سات برس کے آخِر میں چُھٹکارے کے سال کے مُعیّن وقت پر عِیدِ خیام میں۔ 11جب سب اِسرائیلی خُداوند تیرے خُدا کے حضُور اُس جگہ آ کر حاضِر ہوں جِسے وہ خُود چُنے گا تو تُو اِس شرِیعت کو پڑھ کر سب اِسرائیلِیوں کو سُنانا۔ 12تُو سب لوگوں کو یعنی مَردوں اور عَورتوں اور بچّوں اور اپنی بستِیوں کے مُسافِروں کو جمع کرنا تاکہ وہ سُنیں اور سِیکھیں اور خُداوند تُمہارے خُدا کا خَوف مانیں اور اِس شرِیعت کی سب باتوں پر اِحتیاط رکھ کر عمل کریں۔ 13اور اُن کے لڑکے جِن کو کُچھ معلُوم نہیں وہ بھی سُنیں اور جب تک تُم اُس مُلک میں جِیتے رہو جِس پر قبضہ کرنے کو تُم یَردن پار جاتے ہو تب تک وہ برابر خُداوند تُمہارے خُدا کا خَوف ماننا سِیکھیں۔
مُوسیٰ کو خُداوند کی آخِری ہِدایات
14پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ دیکھ تیرے مَرنے کے دِن آ پُہنچے۔ سو تُو یشُوع کو بُلا لے اور تُم دونوں خَیمۂِ اِجتماع میں حاضِر ہو جاؤ تاکہ مَیں اُسے ہِدایت کرُوں۔ چُنانچہ مُوسیٰ اور یشُوع روانہ ہو کر خَیمۂِ اِجتماع میں حاضِر ہُوئے۔ 15اور خُداوند ابر کے سُتُون میں ہو کر خَیمہ میں نمُودار ہُؤا اور ابر کا سُتُون خَیمہ کے دروازہ پر ٹھہر گیا۔
16تب خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا دیکھ تُو اپنے باپ دادا کے ساتھ سو جائے گا اور یہ لوگ اُٹھ کر اُس مُلک کے اجنبی دیوتاؤں کی پَیروی میں جِن کے بِیچ وہ جا کر رہیں گے زِنا کار ہو جائیں گے اور مُجھ کو چھوڑ دیں گے اور اُس عہد کو جو مَیں نے اُن کے ساتھ باندھا ہے توڑ ڈالیں گے۔ 17تب اُس وقت میرا قہر اُن پر بھڑکے گا اور مَیں اُن کو چھوڑ دُوں گا اور اُن سے اپنا مُنہ چِھپا لُوں گا اور وہ نِگل لِئے جائیں گے اور بُہت سی بلائیں اور مُصِیبتیں اُن پر آئیں گی چُنانچہ وہ اُس دِن کہیں گے کیا ہم پر یہ بلائیں اِسی سبب سے نہیں آئِیں کہ ہمارا خُدا ہمارے درمیان نہیں؟ 18اُس وقت اُن سب بدیوں کے سبب سے جو اَور معبُودوں کی طرف مائِل ہو کر اُنہوں نے کی ہوں گی مَیں ضرُور اپنا مُنہ چِھپا لُوں گا۔
19سو تُم یہ گِیت اپنے لِئے لِکھ لو اور تُو اُسے بنی اِسرائیل کو سِکھانا اور اُن کو حِفظ کرا دینا تاکہ یہ گِیت بنی اِسرائیل کے خِلاف میرا گواہ رہے۔ 20اِس لِئے کہ جب مَیں اُن کو اُس مُلک میں جِس کی قَسم مَیں نے اُن کے باپ دادا سے کھائی اور جہاں دُودھ اور شہد بہتا ہے پُہنچا دُوں گا اور وہ خُوب کھا کھا کر موٹے ہو جائیں گے تب وہ اَور معبُودوں کی طرف پِھر جائیں گے اور اُن کی عِبادت کریں گے اور مُجھے حقیر جانیں گے اور میرے عہد کو توڑ ڈالیں گے۔ 21اور یُوں ہو گا کہ جب بُہت سی بلائیں اور مُصِیبتیں اُن پر آئیں گی تو یہ گِیت گواہ کی طرح اُن پر شہادت دے گا اِس لِئے کہ اِسے اُن کی اَولاد کبھی نہیں بُھولے گی کیونکہ اِس وقت بھی اُن کو اُس مُلک میں پُہنچانے سے پیشتر جِس کی قَسم مَیں نے کھائی ہے مَیں اُن کے خیال کو جِس میں وہ ہیں جانتا ہُوں۔
22سو مُوسیٰ نے اُسی دِن اِس گِیت کو لِکھ لِیا اور اُسے بنی اِسرائیل کو سِکھایا۔
23اور اُس نے نُون کے بیٹے یشُوع کو ہدایت کی اور کہا مضبُوط ہو جا اور حَوصلہ رکھ کیونکہ تُو بنی اِسرائیل کو اُس مُلک میں لے جائے گا جِس کی قَسم مَیں نے اُن سے کھائی تھی اور مَیں تیرے ساتھ رہُوں گا۔
24اور اَیسا ہُؤا کہ جب مُوسیٰ اِس شرِیعت کی باتوں کو ایک کِتاب میں لِکھ چُکا اور وہ ختم ہو گئِیں۔ 25تو مُوسیٰ نے لاوِیوں سے جو خُداوند کے عہد کے صندُوق کو اُٹھایا کرتے تھے کہا کہ 26اِس شرِیعت کی کِتاب کو لے کر خُداوند اپنے خُدا کے عہد کے صندُوق کے پاس رکھ دو تاکہ وہ تیرے برخِلاف گواہ رہے۔ 27کیونکہ مَیں تیری بغاوت اور گردن کشی کو جانتا ہُوں۔ دیکھو ابھی تو میرے جِیتے جی تُم خُداوند سے بغاوت کرتے رہے ہو تو میرے مَرنے کے بعد کِتنا زِیادہ نہ کرو گے؟ 28تُم اپنے قبِیلوں کے سب بزُرگوں اور منصب داروں کو میرے پاس جمع کرو تاکہ مَیں یہ باتیں اُن کے کانوں میں ڈال دُوں اور آسمان اور زمِین کو اُن کے برخِلاف گواہ بناؤں۔ 29کیونکہ مَیں جانتا ہُوں کہ میرے مَرنے کے بعد تُم اپنے کو بِگاڑ لو گے اور اُس طرِیق سے جِس کا مَیں نے تُم کو حُکم دِیا ہے پِھر جاؤ گے۔ تب آخِری ایّام میں تُم پر آفت ٹُوٹے گی کیونکہ تُم اپنی کرنیوں سے خُداوند کو غُصّہ دِلانے کے لِئے وہ کام کرو گے جو اُس کی نظر میں بُرا ہے۔
مُوسیٰ کا گِیت
30سو مُوسیٰ نے اِس گِیت کی باتیں اِسرائیلؔ کی ساری جماعت کو آخِر تک کہہ سُنائِیں۔
1کان لگاؤ اَے آسمانو! اور مَیں بولُوں گا
اور زمِین میرے مُنہ کی باتیں سُنے۔
2میری تعلِیم مِینہہ کی طرح برسے گی۔
میری تقرِیر شبنم کی مانِند ٹپکے گی
جَیسے نرم گھاس پر پھوآر پڑتی ہو
اور سبزی پر جھڑیاں۔
3کیونکہ مَیں خُداوند کے نام کا اِشتہار دُوں گا۔
تُم ہمارے خُدا کی تعظِیم کرو۔
4وہ وُہی چٹان ہے۔ اُس کی صنعت کامِل ہے
کیونکہ اُس کی سب راہیں اِنصاف کی ہیں۔
وہ وفادار خُدا اور بدی سے مُبرّا ہے۔
وہ مُنصِف اور برحق ہے۔
5یہ لوگ اُس کے ساتھ بُری طرح سے پیش آئے۔
یہ اُس کے فرزند نہیں۔ یہ اُن کا عَیب ہے۔
یہ سب کجرو اور ٹیڑھی نسل ہیں۔
6کیا تُم اَے بے وقُوف اور کم عقل لوگو!
اِس طرح خُداوند کو بدلہ دو گے؟
کیا وہ تُمہارا باپ نہیں جِس نے تُم کو خرِیدا ہے؟
اُس ہی نے تُم کو بنایا اور قیام بخشا۔
7قدِیم ایّام کو یاد کرو۔
نسل در نسل کے برسوں پر غَور کرو۔
اپنے باپ سے پُوچھو۔ وہ تُم کو بتائے گا۔
بزُرگوں سے سوال کرو۔ وہ تُم سے بیان کریں گے۔
8جب حق تعالیٰ نے قَوموں کو مِیراث بانٹی
اور بنی آدمؔ کو جُدا جُدا کِیا
تو اُس نے قَوموں کی سرحدّیں
بنی اِسرائیل کے شُمار کے مُطابِق ٹھہرائِیں۔
9کیونکہ خُداوند کا حِصّہ اُسی کے لوگ ہیں۔
یعقُوب اُس کی مِیراث کا قُرعہ ہے۔
10وہ خُداوند کو ویرانے
اور سُونے ہَولناک بیابان میں مِلا۔
خُداوند اُس کے چَوگِرد رہا۔ اُس نے اُس کی خبر لی
اور اُسے اپنی آنکھ کی پُتلی کی طرح رکھا۔
11جَیسے عُقاب اپنے گھونسلے کو ہلا ہلا کر
اپنے بچّوں پر منڈلاتا ہے
وَیسے ہی اُس نے اپنے بازُوؤں کو پَھیلایا
اور اُن کو لے کر اپنے پروں پر اُٹھا لِیا۔
12فقط خُداوند ہی نے اُن کی رہبری کی
اور اُس کے ساتھ کوئی اجنبی معبُود نہ تھا۔
13اُس نے اُسے زمِین کی اُونچی اُونچی جگہوں پر
سوار کرایا
اور اُس نے کھیت کی پَیداوار کھائی۔
اُس نے اُسے چٹان میں سے شہد
اور سنگِ خارا میں سے تیل چُسایا۔
14اور گایوں کا مکّھن اور بھیڑ بکریوں کا دُودھ
اور برّوں کی چربی
اور بسنی نسل کے مینڈھے اور بکرے
اور خالِص گیہُوں کا آٹا بھی۔
اور تُو انگُور کے خالِص رس کی مَے پِیا کرتا تھا۔
15لیکن یسُورُوؔن موٹا ہو کر لاتیں مارنے لگا۔
تُو موٹا ہو کر لدّھڑ ہو گیا ہے اور تُجھ پر چربی چھا گئی ہے۔
تب اُس نے خُدا کو جِس نے اُسے بنایا چھوڑ دیا
اور اپنی نجات کی چٹان کی حقارت کی۔
16اُنہوں نے اجنبی معبُودوں کے باعِث اُسے
غَیرت اور مکرُوہات سے اُسے غُصّہ دِلایا۔
17اُنہوں نے جِنّات کے لِئے جو خُدا نہ تھے
بلکہ اَیسے دیوتاؤں کے لِئے جِن سے وہ واقِف نہ تھے
یعنی نئے نئے دیوتاؤں کے لِئے جو حال ہی میں ظاہِر
ہُوئے تھے
جِن سے اُن کے باپ دادا کبھی ڈرے نہیں قُربانی کی۔
18تُو اُس چٹان سے غافِل ہو گیا جِس نے تُجھے پَیدا
کِیا تھا۔
تُو خُدا کو بُھول گیا جِس نے تُجھے خلق کِیا
19خُداوند نے یہ دیکھ کر اُن سے نفرت کی
کیونکہ اُس کے بیٹوں اور بیٹِیوں نے اُسے غُصّہ دِلایا۔
20تب اُس نے کہا مَیں اپنا مُنہ اُن سے چِھپا لُوں گا
اور دیکھوں گا کہ اُن کا انجام کَیسا ہو گا
کیونکہ وہ گردن کش نسل
اور بے وفا اَولاد ہیں۔
21اُنہوں نے اُس چِیز کے باعِث جو خُدا نہیں مُجھے
غَیرت اور اپنی باطِل باتوں سے مُجھے غُصّہ دِلایا۔
سو مَیں بھی اُن کے ذرِیعہ سے جو کوئی اُمّت نہیں اُن کو
غَیرت اور ایک نادان قَوم کے ذرِیعہ سے اُن
کو غُصّہ دِلاؤُں گا۔
22اِس لِئے کہ میرے غُصّہ کے مارے آگ بھڑک
اُٹھی ہے
جو پاتال کی تَہ تک جلتی جائے گی
اور زمِین کو اُس کی پَیداوار سمیت بھسم کر دے گی
اور پہاڑوں کی بُنیادوں میں آگ لگا دے گی۔
23مَیں اُن پر آفتوں کا ڈھیر لگاؤُں گا
اور اپنے تیروں کو اُن پر ختم کرُوں گا۔
24وہ بُھوک کے مارے گُھل جائیں گے اور شدِید
حرارت
اور سخت ہلاکت کا لُقمہ ہو جائیں گے
اور مَیں اُن پر درِندوں کے دانت
اور زمِین پر کے سرکنے والے کِیڑوں کا زہر چھوڑ
دُوں گا۔
25باہر وہ تلوار سے مَریں گے
اور کوٹھریوں کے اندر خَوف سے۔
جوان مَرد اور کُنواریاں
دُودھ پِیتے بچّے اور پکّے بال والے سب یُوں ہی ہلاک
ہوں گے۔
26مَیں نے کہا مَیں اُن کو دُور دُور پراگندہ کرُوں گا
اور اُن کا تذکرہ نوعِ بشر میں سے مِٹا ڈالوں گا
27پر مُجھے دُشمن کی چھیڑ چھاڑ کا اندیشہ تھا
کہ کہِیں مُخالِف اُلٹا سمجھ کر
یُوں نہ کہنے لگیں کہ ہمارے ہی ہاتھ بالا ہیں
اور یہ سب خُداوند سے نہیں ہُؤا
28وہ ایک اَیسی قَوم ہیں جو مصلحت سے خالی ہو
اُن میں کُچھ سمجھ نہیں
29کاش وہ عقل مند ہوتے کہ اِس کو سمجھتے
اَور اپنی عاقبت پر غَور کرتے!
30کیونکر ایک آدمی ہزار کا پِیچھا کرتا
اور دو آدمی دس ہزار کو بھگا دیتے
اگر اُن کی چٹان ہی اُن کو بیچ نہ دیتی
اور خُداوند ہی اُن کو حَوالہ نہ کر دیتا؟
31کیونکہ اُن کی چٹان اَیسی نہیں جَیسی ہماری چٹان
ہے۔
خواہ ہمارے دُشمن ہی کیوں نہ مُنصِف ہوں۔
32کیونکہ اُن کی تاک سدُوؔم کی تاکوں میں سے
اور عمُورہ کے کھیتوں کی ہے۔
اُن کے انگُور ہلاہل کے بنے ہُوئے ہیں
اور اُن کے گُچھے کڑوے ہیں۔
33اُن کی مَے اژدہاؤں کا بِس
اور کالے ناگوں کا زہرِ قاتِل ہے
34کیا یہ میرے خزانوں میں
سر بہ مُہر ہو کر بھرا نہیں پڑا ہے؟
35اُس وقت جب اُن کے پاؤں پِھسلیں
تو اِنتِقام لینا اور بدلہ دینا میرا کام ہو گا
کیونکہ اُن کی آفت کا دِن نزدِیک ہے
اور جو حادِثے اُن پر گُذرنے والے ہیں وہ جلد آئیں گے
36کیونکہ خُداوند اپنے لوگوں کا اِنصاف کرے گا
اور اپنے بندوں پر ترس کھائے گا
جب وہ دیکھے گا کہ اُن کی قُوّت جاتی رہی
اور کوئی بھی۔ نہ قَیدی اور نہ آزاد۔ باقی بچا۔
37اور وہ کہے گا اُن کے دیوتا کہاں ہیں؟
وہ چٹان کہاں جِس پر اُن کا بھروسا تھا
38جو اُن کے ذبِیحوں کی چربی کھاتے
اور اُن کے تپاون کی مَے پِیتے تھے؟
وُہی اُٹھ کر تُمہاری مدد کریں۔
وُہی تُمہاری پناہ ہوں۔
39سو اب تُم دیکھ لو کہ مَیں ہی وہ ہُوں
اور میرے ساتھ کوئی دیوتا نہیں۔
مَیں ہی مار ڈالتا اور مَیں ہی جِلاتا ہُوں۔
مَیں ہی زخمی کرتا اور مَیں ہی چنگا کرتا ہُوں
اور کوئی نہیں جو میرے ہاتھ سے چُھڑائے۔
40کیونکہ مَیں اپنا ہاتھ آسمان کی طرف اُٹھا کر
کہتا ہُوں کہ چُونکہ مَیں ابدُالآباد زِندہ ہُوں
41اِس لِئے اگر مَیں اپنی جھلکتی تلوار کو تیز کرُوں
اور عدالت کو اپنے ہاتھ میں لے لُوں
تو اپنے مُخالِفوں سے اِنتِقام لُوں گا
اور اپنے کِینہ رکھنے والوں کو بدلہ دُوں گا۔
42مَیں اپنے تیروں کو خُون پِلا پِلا کر مست کر دُوں گا
اور میری تلوار گوشت کھائے گی۔
وہ خُون مقتُولوں اور اسِیروں کا
اور وہ گوشت دُشمن کے سرداروں کے سر کا ہو گا۔
43اَے قَومو! اُس کے لوگوں کے ساتھ خُوشی مناؤ
کیونکہ وہ اپنے بندوں کے خُون کا اِنتِقام لے گا
اور اپنے مُخالِفوں کو بدلہ دے گا
اور اپنے مُلک اور لوگوں کے لِئے کفّارہ دے گا۔
44تب مُوسیٰ اور نُون کے بیٹے ہوسیعَ نے آ کر اِس گِیت کی سب باتیں لوگوں کو کہہ سُنائِیں۔
مُوسیٰ کی آخری وصیّت
45اور جب مُوسیٰ یہ سب باتیں سب اِسرائیلِیوں کو سُنا چُکا۔ 46تو اُس نے اُن سے کہا کہ جو باتیں مَیں نے تُم سے آج کے دِن بیان کی ہیں اُن سب سے تُم دِل لگانا اور اپنے لڑکوں کو حُکم دینا کہ وہ اِحتیاط رکھ کر اِس شرِیعت کی سب باتوں پر عمل کریں۔ 47کیونکہ یہ تُمہارے لِئے کوئی بے سُود بات نہیں بلکہ یہ تُمہاری زِندگانی ہے اور اِسی سے اُس مُلک میں جہاں تُم یَردن پار جا رہے ہو کہ اُس پر قبضہ کرو تُمہاری عُمر دراز ہو گی۔
48اور اُسی دِن خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ 49تُو اِس کوہِ عَبارِیم پر چڑھ کر نبُو کی چوٹی کو جا جو یرِیحُو کے مُقابِل مُلکِ موآب میں ہے اور کنعاؔن کے مُلک کو جِسے مَیں مِیراث کے طَور پر بنی اِسرائیل کو دیتا ہُوں دیکھ لے۔ 50اور اُسی پہاڑ پر جہاں تُو جائے وفات پا کر اپنے لوگوں میں شامِل ہو جَیسے تیرا بھائی ہارُون ہور کے پہاڑ پر مَرا اور اپنے لوگوں میں جا مِلا۔ 51اِس لِئے کہ تُم دونوں نے بنی اِسرائیل کے درمیان دشتِ صِین کے قادِؔس میں مریبہ کے چشمہ پر میرا گُناہ کِیا کیونکہ تُم نے بنی اِسرائیل کے درمیان میری تقدِیس نہ کی۔ 52سو تُو اُس مُلک کو اپنے آگے دیکھ لے گا لیکن تُو وہاں اُس مُلک میں جو مَیں بنی اِسرائیل کو دیتا ہُوں جانے نہ پائے گا۔
مُوسیٰ اِسرائیلؔ کے قبِیلوں کو برکت دیتا ہے
1اور مَردِ خُدا مُوسیٰ نے جو دُعایِ خَیر دے کر اپنی وفات سے پہلے بنی اِسرائیل کو برکت دی وہ یہ ہے۔ 2اور اُس نے کہا:-
خُداوند سِینا سے آیا
اور شعِیر سے اُن پر آشکارا ہُؤا۔
وہ کوہِ فاران سے جلوہ گر ہُؤا
اور لاکھوں قُدسِیوں میں سے آیا۔
اُس کے دہنے ہاتھ پر اُن کے لِئے آتشی شرِیعت تھی۔
3وہ بے شک قَوموں سے مُحبّت رکھتا ہے۔
اُس کے سب مُقدّس لوگ تیرے ہاتھ میں ہیں
اور وہ تیرے قدموں میں بَیٹھے۔
ایک ایک تیری باتوں سے مُستفِیض ہو گا۔
4مُوسیٰ نے ہم کو شرِیعت
اور یعقُوب کی جماعت کے لِئے مِیراث دی
5اور وہ اُس وقت یسُورُون میں بادشاہ تھا
جب قَوم کے سردار اکٹھّے
اور اِسرائیلؔ کے قبِیلے جمع ہُوئے۔
6رُوبِن جِیتا رہے اور مَر نہ جائے
تَو بھی اُس کے آدمی تھوڑے ہی ہوں۔
7اور یہُوداؔہ کے لِئے یہ ہے جو مُوسیٰ نے کہا:-
اَے خُداوند! تُو یہُوداؔہ کی سُن
اور اُسے اُس کے لوگوں کے پاس پُہنچا۔
وہ اپنے لِئے آپ اپنے ہاتھوں سے لڑا
اور تُو ہی اُس کے دُشمنوں کے مُقابلہ میں اُس کا مددگار
ہو گا۔
8اور لاوؔی کے حق میں اُس نے کہا:-
تیرے تُمِّیم اور اُورِیم اُس مَردِ خُدا کے پاس ہیں
جِسے تُو نے مسّہ پر آزما لِیا
اور جِس کے ساتھ مرِیبہ کے چشمہ پر تیرا تنازُع ہُؤا۔
9جِس نے اپنے ماں باپ کے بارے میں کہا کہ
مَیں نے اِن کو دیکھا نہیں
اور نہ اُس نے اپنے بھائیوں کو اپنا مانا
اور نہ اپنے بیٹوں کو پہچانا
کیونکہ اُنہوں نے تیرے کلام کی اِحتیاط کی
اور وہ تیرے عہد کو مانتے ہیں۔
10وہ یعقُوب کو تیرے احکام
اور اِسرائیلؔ کو تیری شرِیعت سِکھائیں گے
وہ تیرے آگے بخُور
اور تیرے مذبح پر پُوری سوختنی قُربانی رکھّیں گے۔
11اَے خُداوند! تُو اُس کے مال میں برکت دے
اور اُس کے ہاتھوں کی خِدمت کو قبُول کر۔
جو اُس کے خِلاف اُٹھیں اُن کی کمر توڑ دے
اور اُن کی کمر بھی جِن کو اُس سے عداوت ہے تاکہ وہ
پِھر نہ اُٹھیں۔
12اور بِنیمِین کے حق میں اُس نے کہا:-
خُداوند کا پیارا سلامتی کے ساتھ اُس کے پاس رہے گا۔
وہ سارے دِن اُسے ڈھانکے رہتا ہے
اور وہ اُس کے کندھوں کے بِیچ سکُونت کرتا ہے۔
13اور یُوسفؔ کے حق میں اُس نے کہا:-
اُس کی زمِین خُداوند کی طرف سے مُبارک ہو!
آسمان کی بیش قِیمت اشیا اور شبنم
اور وہ گہرا پانی جو نِیچے ہے
14اور سُورج کے پکائے ہُوئے بیش بہا پَھل
اور چاند کی اُگائی ہُوئی بیش قِیمت چِیزیں
15اور قدِیم پہاڑوں کی بیش قِیمت چِیزیں
اور ابدی پہاڑِیوں کی بیش قِیمت چِیزیں
16اور زمِین اور اُس کی معمُوری کی بیش قِیمت چِیزیں
اور اُس کی خُوشنُودی جو جھاڑی میں رہتا تھا۔
اِن سب کے اِعتبار سے یُوسفؔ کے سر پر
یعنی اُسی کے سر کے چاند پر جو اپنے بھائیوں سے جُدا
رہا برکت نازِل ہو!
17اُس کے بَیل کے پہلوٹھے کی سی اُس کی شَوکت
ہے اور اُس کے سِینگ جنگلی سانڈ کے سے
ہیں۔
اُن ہی سے وہ سب قَوموں کو بلکہ زمِین کی اِنتہا کے
لوگوں کو دھکیلے گا۔
وہ اِفرائِیم کے لاکھوں لاکھ
اور منَسّی کے ہزاروں ہزار ہیں۔
18اور زبُولُون کے بارے میں اُس نے کہا:-
اَے زبُولُون! تُو اپنے باہر جاتے وقت
اور اَے اِشکار! تُو اپنے خَیموں میں خُوش رہ۔
19وہ لوگوں کو پہاڑوں پربلائیں گے
اور وہاں صداقت کی قُربانِیاں گُذرانیں گے
کیونکہ وہ سمُندروں کے فَیض
اور ریت کے چِھپے ہُوئے خزانوں سے بہرہ ور ہوں
گے۔
20اور جد کے حق میں اُس نے کہا:-
جو کوئی جد کو بڑھائے وہ مُبارک ہو۔
وہ شیرنی کی طرح رہتا ہے
اور بازُو بلکہ سر کے چاند تک کو پھاڑ ڈالتا ہے۔
21اور اُس نے پہلے حِصّہ کو اپنے لِئے چن لِیا
کیونکہ شرع دینے والے کا بخرہ وہاں الگ کِیا ہُؤا تھا
اور اُس نے لوگوں کے سرداروں کے ساتھ آ کر
خُداوند کے اِنصاف کو
اور اُس کے احکام کو جو اِسرائیلؔ کے لِئے تھے پُورا کِیا۔
22اور دان کے حق میں اُس نے کہا:-
دان اُس شیر بَبر کا بچّہ ہے
جو بسن سے کُود کر آتا ہے۔
23اور نفتالی کے حق میں اُس نے کہا:-
اَے نفتالی! جو لُطف و کرم سے آسُودہ
اور خُداوند کی برکت سے معمُور ہے
تُو مغرِب اور جنُوب کا مالِک ہو!
24اور آشر کے حق میں اُس نے کہا:-
آشر آس اَولاد سے مالا مال ہو!
وہ اپنے بھائِیوں کا مقبُول ہو
اور اپنا پاؤں تیل میں ڈبوئے۔
25تیرے بینڈے لوہے اور پِیتل کے ہوں گے
اور جَیسے تیرے دِن وَیسی ہی تیری قُوّت ہو۔
26اَے یسُورُوؔن! خُدا کی مانِند اَور کوئی نہیں
جو تیری مدد کے لِئے آسمان پر
اور اپنے جاہ و جلال میں افلاک پر سوار ہے۔
27ابدی خُدا تیری سکُونت گاہ ہے
اور نِیچے دائِمی بازُو ہیں۔
اُس نے غنِیم کو تیرے سامنے سے نِکال دِیا
اور کہا اُن کو ہلاک کر دے
28اور اِسرائیلؔ سلامتی کے ساتھ
یعقُوب کا سوتا اکیلا۔
اناج اور مَے کے مُلک میں بسا ہُؤا ہے
بلکہ آسمان سے اُس پر اوس پڑتی رہتی ہے۔
29مُبارک ہے تُو اَے اِسرائیل!
تُو خُداوند کی بچائی ہُوئی قَوم ہے سو کَون تیری مانِند
ہے؟
وُہی تیری مدد کی سِپر
اور تیرے جاہ و جلال کی تلوار ہے۔
تیرے دُشمن تیرے مُطِیع ہوں گے
اور تُو اُن کے اُونچے مقاموں کو پامال کرے گا۔
مُوسیٰ کی وفات اور تدفِین
1اور مُوسیٰ موآب کے مَیدانوں سے کوہِ نبُو کے اُوپر پِسگہ کی چوٹی پر جو یرِیحُو کے مُقابِل ہے چڑھ گیا اور خُداوند نے جِلعاد کا سارا مُلک دان تک اور نفتالی کا سارا مُلک۔ 2اور اِفرائِیم اور منَسّی کا مُلک اور یہُوداؔہ کا سارا مُلک پِچھلے سمُندر تک۔ 3اور جنُوب کا مُلک اور وادیِ یرِیحُو جو خُرموں کا شہر ہے اُس کی وادی کا مَیدان ضُغر تک اُس کو دِکھایا۔ 4اور خُداوند نے اُس سے کہا یِہی وہ مُلک ہے جِس کی بابت مَیں نے ابرہامؔ اور اِضحاقؔ اور یعقُوب سے قَسم کھا کر کہا تھا کہ اِسے مَیں تُمہاری نسل کو دُوں گا۔ سو مَیں نے اَیسا کِیا کہ تُو اِسے اپنی آنکھوں سے دیکھ لے پر تُو اُس پار وہاں جانے نہ پائے گا۔
5پس خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے خُداوند کے کہے کے مُوافِق وہِیں موآب کے مُلک میں وفات پائی۔ 6اور اُس نے اُسے موآب کی ایک وادی میں بَیت فغُور کے مُقابِل دفن کِیا پر آج تک کِسی آدمی کو اُس کی قبر معلُوم نہیں۔ 7اور مُوسیٰ اپنی وفات کے وقت ایک سَو بِیس برس کا تھا اور نہ تو اُس کی آنکھ دُھندلانے پائی اور نہ اُس کی طبعی قُوّت کم ہُوئی۔ 8اور بنی اِسرائیل مُوسیٰ کے لِئے موآب کے مَیدانوں میں تِیس دِن تک روتے رہے۔ پِھر مُوسیٰ کے لِئے ماتم کرنے اور رونے پِیٹنے کے دِن ختم ہُوئے۔
9اور نُون کا بیٹا یشُوع دانائی کی رُوح سے معمُور تھا کیونکہ مُوسیٰ نے اپنے ہاتھ اُس پر رکھّے تھے اور بنی اِسرائیل اُس کی بات مانتے رہے اور جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا اُنہوں نے وَیسا ہی کِیا۔
10اور اُس وقت سے اب تک بنی اِسرائیل میں کوئی نبی مُوسیٰ کی مانِند جِس سے خُداوند نے رُوبرُو باتیں کِیں نہیں اُٹھا۔ 11اور اُس کو خُداوند نے مُلکِ مِصرؔ میں فرِعونؔ اور اُس کے سب خادِموں اور اُس کے سارے مُلک کے سامنے سب نِشانوں اور عجِیب کاموں کے دِکھانے کو بھیجا تھا۔ 12یُوں مُوسیٰ نے سب اِسرائیلِیوں کے سامنے زورآور ہاتھ اور بڑی ہَیبت کے کام کر دِکھائے۔