Calvary Pentecostal Theological Seminary Pakistan

Urdu Bible

Home Churches Seminary The Bible Books Prayer Request About Us Contact Us

ہوسِیعَ


1شاہانِ یہُوداؔہ عُزِّیّاہ اور یُوتام اور آخز اور حِزقیاہ اور شاہِ اِسرائیل یُربعاؔم بِن یُوآس کے ایّام میں خُداوند کا کلام ہوسِیعَ بِن بیرؔی پر نازِل ہُؤا۔
ہوسِیعَ کی بِیوی اور اَولاد
2جب خُداوند نے شرُوع میں ہوسِیعَ کی معرفت کلام کِیا تو اُس کو فرمایا کہ جا ایک بدکار بِیوی اور بدکاری کی اَولاد اپنے لِئے لے کیونکہ مُلک نے خُداوند کو چھوڑ کر بڑی بدکاری کی ہے۔
3پس اُس نے جا کر جُمر بِنت دِبلائِیم کو لِیا۔ وہ حامِلہ ہُوئی اور بیٹا پَیدا ہُؤا۔ 4اور خُداوند نے اُسے کہا اُس کا نام یزرعیل رکھ کیونکہ مَیں عنقرِیب ہی یاہُو کے گھرانے سے یِزرعیل کے خُون کا بدلہ لُوں گا اور اِسرائیل کے گھرانے کی سلطنت کو تمام کرُوں گا۔ 5اور اُسی وقت یِزرعیل کی وادی میں اِسرائیل کی کمان توڑُوں گا۔
6اور وہ پِھر حامِلہ ہُوئی اور بیٹی پَیدا ہُوئی اور خُداوند نے اُسے فرمایا کہ اُس کا نام لورُحاؔمہ رکھ کیونکہ مَیں اِسرائیل کے گھرانے پر پِھر رحم نہ کرُوں گا کہ اُن کو مُعاف کرُوں۔ 7لیکن یہُوداؔہ کے گھرانے پر رحم کرُوں گا اور مَیں خُداوند اُن کا خُدا اُن کو رہائی دُوں گا اور اُن کو کمان اور تلوار اور لڑائی اور گھوڑوں اور سواروں کے وسِیلہ سے نہیں چُھڑاؤُں گا۔
8اور لورُؔحامہ کا دُودھ چُھڑانے کے بعد وہ پِھر حامِلہ ہُوئی اور بیٹا پَیدا ہُؤا۔ 9اور اُس نے فرمایا کہ اُس کا نام لوعمّی رکھ کیونکہ تُم میرے لوگ نہیں ہو اور مَیں تُمہارا نہیں ہُوں گا۔
بنی اِسرائیل کو بحال کِیا جائے گا
10تَو بھی بنی اِسرائیل دریا کی ریت کی مانِند بے شُمار و بے قِیاس ہوں گے اور جہاں اُن سے یہ کہا جاتا تھا کہ تُم میرے لوگ نہیں ہو زِندہ خُدا کے فرزند کہلائیں گے۔ 11اور بنی یہُوداؔہ اور بنی اِسرائیل باہم فراہم ہوں گے اور اپنے لِئے ایک ہی سردار مُقرّر کریں گے اور اِس مُلک سے خرُوج کریں گے کیونکہ یزرعیل کا دِن عظِیم ہو گا۔
1اپنے بھائِیوں سے عمّی کہو اور اپنی بہِنوں سے رُحامہ۔
بے وفا جمُر - بے وفا اِسرائیلؔ
2تُم اپنی ماں سے حُجّت کرو کیونکہ نہ وہ میری بِیوی ہے اور نہ مَیں اُس کا شَوہر ہُوں کہ وہ اپنی بدکاری اپنے سامنے سے اور اپنی زِناکاری اپنے پِستانوں سے دُور کرے۔ 3اَیسا نہ ہو کہ مَیں اُسے بے پردہ کرُوں اور اُس طرح ڈال دُوں جِس طرح وہ اپنی پَیدایش کے دِن تھی اور اُس کو بیابان اور خُشک زمِین کی مانِند بنا کر پِیاس سے مار ڈالُوں۔ 4مَیں اُس کے بچّوں پر رحم نہ کرُوں گا کیونکہ وہ حلال زادہ نہیں ہیں۔ 5اُن کی ماں نے چِھنالا کِیا۔ اُن کی والِدہ نے رُوسِیاہی کی کیونکہ اُس نے کہا مَیں اپنے یاروں کے پِیچھے جاؤُں گی جو مُجھ کو روٹی پانی اور اُونی اور کتانی کپڑے اور رَوغن و شربت دیتے ہیں۔
6اِس لِئے دیکھو مَیں اُس کی راہ کانٹوں سے بند کرُوں گا اور اُس کے سامنے دِیوار بنا دُوں گا تاکہ اُسے راستہ نہ مِلے۔ 7اور وہ اپنے یاروں کے پِیچھے جائے گی پر اُن سے جا نہ مِلے گی اور اُن کو ڈُھونڈے گی پر نہ پائے گی۔ تب وہ کہے گی مَیں اپنے پہلے شَوہر کے پاس واپس جاؤُں گی کیونکہ میری وہ حالت اب سے بِہتر تھی۔
8کیونکہ اُس نے نہ جانا کہ مَیں ہی نے اُسے غلّہ و مَے اور رَوغن دِیا اور سونے چاندی کی فراوانی بخشی جِس کو اُنہوں نے بعل پر خرچ کِیا۔ 9اِس لِئے مَیں اپنا غلّہ فصل کے وقت اور اپنی مَے کو اُس کے مَوسم میں واپس لے لُوں گا اور اپنے اُونی اور کتانی کپڑے جو اُس کی سترپوشی کرتے چِھین لُوں گا۔ 10اب مَیں اُس کی فاحِشہ گری اُس کے یاروں کے سامنے فاش کرُوں گا اور کوئی اُس کو میرے ہاتھ سے نہیں چُھڑائے گا۔ 11علاوہ اِس کے مَیں اُس کی تمام خُوشیوں اور جشنوں اور نئے چاند اور سبت کے ایّام اور تمام مُعیّن عِیدوں کو مَوقُوف کرُوں گا۔ 12اور مَیں اُس کے انگُور اور انجِیر کے درختوں کو جِن کی بابت اُس نے کہا ہے یہ میری اُجرت ہے جو میرے یاروں نے مُجھے دی ہے برباد کرُوں گا اور اُن کو جنگل بناؤُں گا اور جنگلی جانور اُن کو کھائیں گے۔ 13اور خُداوند فرماتا ہے مَیں اُسے بعلِیم کے ایّام کے لِئے سزا دُوں گا جِن میں اُس نے اُن کے لِئے بخُور جلایا جب وہ بالِیوں اور زیوروں سے آراستہ ہو کر اپنے یاروں کے پِیچھے گئی اور مُجھے بُھول گئی۔
اپنے لوگوں کے لِئے خُداوند کی مُحبّت
14تَو بھی مَیں اُسے فریفتہ کر لُوں گا اور بیابان میں لا کر اُس سے تسلّی کی باتیں کہُوں گا۔ 15اور وہاں سے اُس کے تاکِستان اُسے دُوں گا اور عکُور کی وادی بھی تاکہ وہ اُمّید کا دروازہ ہو اور وہ وہاں گایا کرے گی جَیسے اپنی جوانی کے ایّام میں اور مُلکِ مِصرؔ سے نِکل آنے کے دِنوں میں گایا کرتی تھی۔ 16اور خُداوند فرماتا ہے تب وہ مُجھے اِیشی کہے گی اور پِھر بعلی نہ کہے گی۔ 17کیونکہ مَیں بعلِیم کے نام اُس کے مُنہ سے دُور کرُوں گا اور پِھر کبھی اُن کا نام نہ لِیا جائے گا۔
18تب مَیں اُن کے لِئے جنگلی جانوروں اور ہوا کے پرِندوں اور زمِین پر رینگنے والوں سے عہد کرُوں گا اور کمان اور تلوار اور لڑائی کو مُلک سے نیست کرُوں گا اور لوگوں کو امن و امان سے لیٹنے کا مَوقع دُوں گا۔
19اور تُجھے اپنی ابدی نامزد کرُوں گا۔
ہاں تُجھے صداقت اور عدالت
اور شفقت و رحمت سے اپنی نامزد کرُوں گا۔
20مَیں تُجھے وفاداری سے اپنی نامزد بناؤُں گا
اور تُو خُداوند کو پہچانے گی۔
21اور اُس وقت مَیں سنُوں گا خُداوند فرماتا ہے۔
مَیں آسمان کی سنُوں گا اور آسمان زمِین کی
سُنے گا۔
22اور زمِین اناج اور مَے اور تیل کی سُنے گی اور وہ
یِزرعیل کی سُنیں گے۔
23اور مَیں اُس کو اُس سرزمِین میں اپنے لِئے بوؤُں گا
اور لورُؔحامہ پر رحم کرُوں گا
اور لوعمّی سے کہُوں گا تُم میرے لوگ ہو
اور وہ کہیں گے اَے ہمارے خُدا!
ہوسِیعَ اور بے وفا عَورت
1خُداوند نے مُجھے فرمایا جا اُس عَورت سے جو اپنے یار کی پِیاری اور بدکار ہے مُحبّت رکھ جِس طرح کہ خُداوند بنی اِسرائیل سے جو غَیر معبُودوں پر نِگاہ کرتے ہیں اور کِشمِش کے کُلچے چاہتے ہیں مُحبّت رکھتا ہے۔
2سو مَیں نے اُسے پندرہ رُوپیہ اور ڈیڑھ خومر جَو دے کر اپنے لِئے مول لِیا۔ 3اور اُسے کہا تُو مُدّتِ دراز تک مُجھ پر قناعت کرے گی اور حرام کاری سے باز رہے گی اور کِسی دُوسرے کی بِیوی نہ بنے گی اور مَیں بھی تیرے لِئے یُوں ہی رہُوں گا۔ 4کیونکہ بنی اِسرائیل بُہت دِنوں تک بادشاہ اور حاکِم اور قُربانی اور سُتُون اور افُود اور تِراؔفِیم کے بغَیر رہیں گے۔ 5اِس کے بعد بنی اِسرائیل رجُوع لائیں گے اور خُداوند اپنے خُدا کو اور اپنے بادشاہ داؤُد کو ڈُھونڈیں گے اور آخِری دِنوں میں ڈرتے ہُوئے خُداوند اور اُس کی مِہربانی کے طالِب ہوں گے۔
خُداوند کا اِسرائیلؔ پر اِلزام
1اَے بنی اِسرائیل خُداوند کا کلام سُنو کیونکہ اِس مُلک کے رہنے والوں سے خُداوند کا جھگڑا ہے کیونکہ یہ مُلک راستی و شفقت اور خُدا شناسی سے خالی ہے۔ 2بدزُبانی عہد شِکنی اور خُون ریزی اور چوری اور حرام کاری کے سِوا اَور کُچھ نہیں ہوتا۔ وہ ظُلم کرتے ہیں اور خُون پر خُون ہوتا ہے۔ 3اِس لِئے مُلک ماتم کرے گا اور اُس کے تمام باشِندے جنگلی جانوروں اور ہوا کے پرِندوں سمیت ناتواں ہو جائیں گے بلکہ سمُندر کی مچھلیاں بھی غائِب ہو جائیں گی۔
خُداوند کاہِنوں کو مُلزم ٹھہراتا ہے
4تَو بھی کوئی دُوسرے کے ساتھ بحث نہ کرے اور نہ کوئی اُسے اِلزام دے کیونکہ تیرے لوگ اُن کی مانِند ہیں جو کاہِن سے بحث کرتے ہیں۔ 5اِس لِئے تُو دِن کو گِر پڑے گا اور تیرے ساتھ نبی بھی رات کو گِرے گا اور مَیں تیری ماں کو تباہ کرُوں گا۔ 6میرے لوگ عدمِ معرفت سے ہلاک ہُوئے۔ چُونکہ تُو نے معرفت کو ردّ کِیا اِس لِئے مَیں بھی تُجھ کو ردّ کرُوں گا تاکہ تُو میرے حضُور کاہِن نہ ہو اور چُونکہ تُو اپنے خُدا کی شرِیعت کو بُھول گیا ہے اِس لِئے مَیں بھی تیری اَولاد کو بُھول جاؤُں گا۔
7جُوں جُوں وہ فراوان ہُوئے میرے خِلاف زِیادہ گُناہ کرنے لگے۔ پس مَیں اُن کی حشمت کو رُسوائی سے بدل ڈالُوں گا۔ 8وہ میرے لوگوں کے گُناہ پر گُذران کرتے ہیں اور اُن کی بدکرداری کے آرزُو مند ہیں۔ 9پس جَیسا لوگوں کا حال وَیسا ہی کاہِنوں کا حال ہو گا۔ مَیں اُن کی روِش کی سزا اور اُن کے اعمال کا بدلہ اُن کو دُوں گا۔ 10چُونکہ اُن کو خُداوند کا خیال نہیں اِس لِئے وہ کھائیں گے پر آسُودہ نہ ہوں گے۔ وہ بدکاری کریں گے لیکن زِیادہ نہ ہوں گے۔
خُداوند بُت پرستی کی مُذمّت کرتا ہے
11بدکاری اور مَے اور نئی مَے سے بصِیرت جاتی رہتی ہے۔ 12میرے لوگ اپنے کاٹھ کے پُتلے سے سوال کرتے ہیں۔ اُن کا لٹھ اُن کو جواب دیتا ہے کیونکہ بدکاری کی رُوح نے اُن کو گُمراہ کِیا ہے اور اپنے خُدا کی پناہ کو چھوڑ کر بدکاری کرتے ہیں۔ 13پہاڑوں کی چوٹِیوں پر وہ قُربانِیاں گُذرانتے ہیں اور ٹِیلوں پر اور بلُوط و چنار و بطم کے نِیچے بخُور جلاتے ہیں کیونکہ اُن کا سایہ اچّھا ہے۔
پس بہُو بیٹِیاں بدکاری کرتی ہیں۔ 14جب تُمہاری بہُو بیٹِیاں بدکاری کریں گی تو مَیں اُن کو سزا نہ دُوں گا کیونکہ وہ آپ ہی بدکاروں کے ساتھ خلوت میں جاتے ہیں اور کسبیوں کے ساتھ قُربانِیاں گُذرانتے ہیں۔ پس جو لوگ دانِش سے خالی ہیں برباد کِئے جائیں گے۔
15اَے اِسرائیل اگرچہ تُو بدکاری کرے تَو بھی اَیسا نہ ہو کہ یہُوداؔہ بھی گُنہگار ہو۔ تُم جِلجاؔل میں نہ آؤ اور بَیت آؔون پر نہ جاؤ اور خُداوند کی حیات کی قَسم نہ کھاؤ۔ 16کیونکہ اِسرائیل نے سرکش بچھیا کی مانِند سرکشی کی ہے۔ اب خُداوند اُن کو کُشادہ جگہ میں برّہ کی مانِند چرائے گا۔ 17اِفرائِیم بُتوں سے مِل گیا ہے۔ اُسے چھوڑ دو۔ 18وہ مَیخواری سے سیر ہو کر بدکاری میں مشغُول ہوتے ہیں۔ اُس کے حاکِم رُسوائی دوست ہیں۔ 19ہوا نے اُسے اپنے دامن میں اُٹھا لِیا۔ وہ اپنی قُربانِیوں سے شرمِندہ ہوں گے۔
1اَے کاہِنو یہ بات سُنو! اَے بنی اِسرائیل کان لگاؤ! اَے بادشاہ کے گھرانے سُنو! اِس لِئے کہ فتویٰ تُم پر ہے کیونکہ تُم مِصفاؔہ میں پھندا اور تبُور پر دام بنے ہو۔ 2باغی خُون ریزی میں غرق ہیں لیکن مَیں اُن سب کی تادِیب کرُوں گا۔ 3مَیں اِفرائِیم کو جانتا ہُوں اور اِسرائیل بھی مُجھ سے چِھپا نہیں کیونکہ اَے اِفرائِیم تُو نے بدکاری کی ہے۔ اِسرائیل نِجس ہُؤا۔
ہوسِیعَ بُت پرستی کے خِلاف خبردار کرتا ہے
4اُن کے اعمال اُن کو خُدا کی طرف رجُوع نہیں ہونے دیتے کیونکہ بدکاری کی رُوح اُن میں مَوجُود ہے اور وہ خُداوند کو نہیں جانتے۔ 5اور فخرِ اِسرائیل اُس کے مُنہ پر گواہی دیتا ہے اور اِسرائیل اور اِفرائِیم اپنی بدکرداری میں گِریں گے اور یہُوداؔہ بھی اُن کے ساتھ گِرے گا۔ 6وہ اپنے ریوڑوں اور گلّوں کے وسِیلہ سے خُداوند کے طالِب ہوں گے لیکن اُس کو نہ پائیں گے۔ وہ اُن سے دُور ہو گیا ہے۔ 7اُنہوں نے خُداوند کے ساتھ بیوفائی کی کیونکہ اُن سے اجنبی بچّے پَیدا ہُوئے۔ اب ایک مہِینے کا عرصہ اُن کی جائیداد سمیت اُن کو کھا جائے گا۔
یہُوداؔہ اور اِسرائیلؔ کے درمِیان جنگ
8جِبِعہ میں قرنا پُھونکو اور رامہ میں تُرہی۔ بَیت آوؔن میں للکارو کہ اَے بِنیمِین خبردار پِیچھے دیکھ! 9تادِیب کے دِن اِفرائِیم وِیران ہو گا۔ جو کُچھ یقِیناً ہونے والا ہے مَیں نے اِسرائیلی قبائِل کو جتا دِیا ہے۔
10یہُوداؔہ کے اُمرا سرحدّوں کو سرکانے والوں کی مانِند ہیں۔ مَیں اُن پر اپنا قہر پانی کی طرح اُنڈیلُوں گا۔ 11اِفرائِیم مظلُوم اور فتویٰ سے دبا ہے کیونکہ اُس نے تقلِید پر قناعت کی۔ 12پس مَیں اِفرائِیم کے لِئے کِیڑا ہُوں گا اور یہُوداؔہ کے گھرانے کے لِئے گُھن۔
13جب اِفرائِیم نے اپنی بِیماری اور یہُوداؔہ نے اپنے زخم کو دیکھا تو اِفرائِیم اسُور کو گیا اور اُس مُخالِف بادشاہ کو دعوت دی لیکن وہ نہ تُم کو شِفا دے سکتا ہے اور نہ تُمہارے زخم کا اِندِمال کر سکتا ہے۔ 14کیونکہ مَیں اِفرائِیم کے لِئے شیرِ بَبر اور بنی یہُوداؔہ کے لِئے جوان شیر کی مانِند ہُوں گا۔ مَیں ہاں مَیں ہی پھاڑُوں گا اور چلا جاؤُں گا۔ مَیں اُٹھا لے جاؤُں گا اور کوئی چُھڑانے والا نہ ہو گا۔
15مَیں روانہ ہُوں گا اور اپنے مسکن کو چلا جاؤُں گا جب تک کہ وہ اپنے گُناہوں کا اِقرار کر کے میرے چِہرہ کے طالِب نہ ہوں۔ وہ اپنی مُصِیبت میں بڑی سرگرمی سے میرے طالِب ہوں گے۔
لوگوں کی جُھوٹی تَوبہ
1آؤ ہم خُداوند کی طرف رجُوع کریں کیونکہ اُسی نے پھاڑا ہے اور وُہی ہم کو شِفا بخشے گا۔ اُسی نے مارا ہے اور وُہی ہماری مرہم پٹّی کرے گا۔ 2وہ دو روز کے بعد ہم کو حیاتِ تازہ بخشے گا اور تِیسرے روز اُٹھا کھڑا کرے گا اور ہم اُس کے حضُور زِندگی بسر کریں گے۔ 3آؤ ہم دریافت کریں اور خُداوند کے عِرفان میں ترقّی کریں۔ اُس کا ظہُور صُبح کی مانِند یقِینی ہے اور وہ ہمارے پاس برسات کی مانِند یعنی آخِری برسات کی مانِند جو زمِین کو سیراب کرتی ہے آئے گا۔
4اَے اِفرائِیم مَیں تُجھ سے کیا کرُوں؟ اَے یہُوداؔہ مَیں تُجھ سے کیا کرُوں؟ کیونکہ تُمہاری نیکی صُبح کے بادل اور شبنم کی مانِند جلد جاتی رہتی ہے۔ 5اِس لِئے مَیں نے اُن کو نبِیوں کے وسِیلہ سے کاٹ ڈالا اور اپنے کلام سے قتل کِیا ہے اور میرا عدل نُور کی مانِند چمکتا ہے۔ 6کیونکہ مَیں قُربانی نہیں بلکہ رحم پسند کرتا ہُوں اور خُدا شناسی کو سوختنی قُربانِیوں سے زِیادہ چاہتا ہُوں۔
7لیکن وہ عہد شِکن آدمِیوں کی مانِند ہیں۔ اُنہوں نے وہاں مُجھ سے بیوفائی کی ہے۔ 8جِلعاد بدکرداری کی بستی ہے۔ وہ خُون آلُودہ ہے۔ 9جِس طرح سے رہزنوں کے غول کِسی آدمی کی گھات میں بَیٹھتے ہیں اُسی طرح کاہِنوں کے گروہ سِکم کی راہ میں قتل کرتی ہے ہاں اُنہوں نے بدکاری کی ہے۔ 10مَیں نے اِسرائیل کے گھرانے میں ایک ہَولناک چِیز دیکھی۔ اِفرائِیم میں بدکاری پائی جاتی ہے اور اِسرائیل نجِس ہو گیا۔
11اَے یہُوداؔہ تیرے لِئے بھی کٹائی کا وقت مُقرّر ہے جب مَیں اپنے لوگوں کو اسِیری سے واپس لاؤُں گا۔
1جب مَیں اِسرائیل کو شِفا بخشنے کو تھا تو اِفرائِیم کی بدکرداری اور سامرؔیہ کی شرارت ظاہِر ہُوئی کیونکہ وہ دغا کرتے ہیں۔ اندر چور گُھس آئے ہیں اور باہر ڈاکوؤں کا غول لُوٹ رہا ہے۔ 2وہ یہ نہیں سوچتے کہ مُجھے اُن کی ساری شرارت معلُوم ہے۔ اب اُن کے اعمال نے جو مُجھ پر عیاں ہیں اُن کو گھیر لِیا ہے۔
محلّ کے اندر سازِش
3وہ بادشاہ کو اپنی شرارت اور اُمرا کو دروغ گوئی سے خُوش کرتے ہیں۔ 4وہ سب کے سب بدکار ہیں۔ وہ اُس تنُور کی مانِند ہیں جِس کو نانبائی گرم کرتا ہے اور آٹا گُوندھنے کے وقت سے خمِیر اُٹھنے تک آگ بھڑکانے سے باز رہتا ہے۔ 5ہمارے بادشاہ کے جشن کے روز اُمرا تو گرمیِ مَے سے بِیمار ہُوئے اور وہ ٹھٹّھا بازوں کے ساتھ بے تکلُّف ہُؤا۔ 6گھات میں بَیٹھے اُن کے دِل تنُور کی مانِند ہیں۔ اُن کا قہر رات بھر سُلگتا رہتا ہے۔ وہ صُبح کے وقت آگ کی مانِند بھڑکتا ہے۔
7وہ سب کے سب تنُور کی مانِند دہکتے ہیں اور اپنے قاضِیوں کو کھا جاتے ہیں۔ اُن کے سب بادشاہ مارے گئے۔ اُن میں کوئی نہ رہا جو مُجھ سے دُعا کرے۔
اِسرائیلؔ اور دُوسری قَومیں
8اِفرائِیم دُوسرے لوگوں سے مِل جُل گیا۔ اِفرائِیم ایک چپاتی ہے جو اُلٹائی نہ گئی۔ 9اجنبی اُس کی توانائی کو نِگل گئے اور اُس کو خبر نہیں اور بال سفید ہونے لگے پر وہ بے خبر ہے۔ 10اور فخرِ اِسرائیل اُس کے مُنہ پر گواہی دیتا ہے تَو بھی وہ خُداوند اپنے خُدا کی طرف رجُوع نہیں لائے اور باوُجُود اِس سب کے اُس کے طالِب نہیں ہُوئے۔ 11اِفرائِیم بے وقُوف و بے دانِش فاختہ ہے۔ وہ مِصرؔ کی دُہائی دیتے اور اسُور کو جاتے ہیں۔ 12جب وہ جائیں گے تو مَیں اُن پر اپنا جال پَھیلا دُوں گا۔ اُن کو ہوا کے پرِندوں کی مانِند نِیچے اُتارُوں گا اور جَیسا اُن کی جماعت سُن چُکی ہے اُن کی تادِیب کرُوں گا۔
13اُن پر افسوس! کیونکہ وہ مُجھ سے آوارہ ہو گئے۔ وہ برباد ہوں! کیونکہ وہ مُجھ سے باغی ہُوئے۔ اگرچہ مَیں اُن کا فِدیہ دینا چاہتا ہُوں وہ میرے خِلاف دروغ گوئی کرتے ہیں۔ 14اور وہ حضُورِ قلب کے ساتھ مُجھ سے فریاد نہیں کرتے بلکہ اپنے بِستروں پر پڑے چِلاّتے ہیں۔ وہ اناج اور مَے کے لِئے تو جمع ہو جاتے ہیں پر مُجھ سے باغی رہتے ہیں۔ 15اگرچہ مَیں نے اُن کی تربِیّت کی اور اُن کو قَوی بازُو کِیا تَو بھی وہ میرے حق میں بداندیشی کرتے ہیں۔ 16وہ رجُوع ہوتے ہیں پر حق تعالیٰ کی طرف نہیں۔ وہ دغا دینے والی کمان کی مانِند ہیں۔ اُن کے اُمرا اپنی زُبان کی گُستاخی کے سبب سے تہِ تَیغ ہوں گے۔ اِس سے مُلکِ مِصرؔ میں اُن کی ہنسی ہو گی۔
خُداوند بُت پرستی پر اِسرائیل کی مُذمّت کرتا ہے
1تُرہی اپنے مُنہ سے لگا۔ وہ عُقاب کی طرح خُداوند کے گھر پر ٹُوٹ پڑا ہے کیونکہ اُنہوں نے میرے عہد سے تجاوُز کِیا اور میری شرِیعت کے خِلاف چلے۔ 2وہ مُجھے یُوں پُکارتے ہیں کہ اَے ہمارے خُدا ہم بنی اِسرائیل تُجھے پہچانتے ہیں۔ 3اِسرائیل نے بھلائی کو ترک کر دِیا۔ دُشمن اُس کا پِیچھا کریں گے۔
4اُنہوں نے بادشاہ مُقرّر کِئے پر میری طرف سے نہیں۔ اُنہوں نے اُمرا کو ٹھہرایا ہے اور مَیں نے اُن کو نہ جانا۔ اُنہوں نے اپنے سونے چاندی سے بُت بنائے تاکہ نیست و نابُود ہوں۔ 5اَے سامرؔیہ تیرا بچھڑا مردُود ہے۔ میرا قہر اُن پر بھڑکا ہے۔ وہ کب تک گُناہ سے پاک نہ ہوں گے؟ 6کیونکہ یہ بھی اِسرائیل ہی کی کر تُوت ہے۔ کارِیگر نے اُس کو بنایا ہے۔ وہ خُدا نہیں۔ سامرؔیہ کا بچھڑا یقِیناً ٹُکڑے ٹُکڑے کِیا جائے گا۔ 7بیشک اُنہوں نے ہوا بوئی۔ وہ گِردباد کاٹیں گے نہ اُس میں ڈنٹھل نِکلے گا نہ اُس کی بالوں سے غلّہ پَیدا ہو گا اور اگر پَیدا ہو بھی تو اجنبی اُسے چٹ کر جائیں گے۔ 8اِسرائیل نِگلا گیا۔ اب وہ قَوموں کے درمِیان ناپسندِیدہ برتن کی مانِند ہوں گے۔ 9کیونکہ وہ تنہا گورخر کی مانِند اسُور کو چلے گئے ہیں۔ اِفرائِیم نے اُجرت پر یار بُلائے۔ 10اگرچہ اُنہوں نے قَوموں کو اُجرت دی ہے تَو بھی اب مَیں اُن کو جمع کرُوں گا اور وہ بادشاہ و اُمرا کے بوجھ سے غمگِین ہوں گے۔
11چُونکہ اِفرائِیم نے گُنہگاری کے لِئے بُہت سی قُربان گاہیں بنائِیں اِس لِئے وہ قُربان گاہیں اُس کے گُنہگاری کا باعِث ہُوئِیں۔ 12اگرچہ مَیں نے اپنی شرِیعت کے احکام کو اُن کے لِئے ہزارہا بار لِکھا پر وہ اُن کو اجنبی خیال کرتے ہیں۔ 13وہ میرے ہدیوں کی قُربانِیوں کے لِئے گوشت گُذرانتے اور کھاتے ہیں لیکن خُداوند اُن کو قبُول نہیں کرتا۔ اب وہ اُن کی بدکرداری کو یاد کرے گا اور اُن کو اُن کے گُناہوں کی سزا دے گا۔ وہ مِصرؔ کو واپس جائیں گے۔
14اِسرائیل نے اپنے خالِق کو فراموش کر کے بُت خانے بنائے ہیں اور یہُوداؔہ نے بُہت سے حصِین شہر تعمِیر کِئے ہیں لیکن مَیں اُس کے شہروں پر آگ بھیجُوں گا اور وہ اُن کے قصروں کو بھسم کر دے گی۔
ہوسِیعَ اِسرائیلؔ کے لِئے سزا کا اِعلان کرتا ہے
1اَے اِسرائیل دُوسری قَوموں کی طرح خُوشی و شادمانی نہ کر کیونکہ تُو نے اپنے خُدا سے بیوفائی کی ہے۔ تُو نے ہر ایک کھلِیہان میں اُجرت تلاش کی ہے۔ 2کھلِیہان اور مَے کے حَوض اُن کی پرورِش کے لِئے کافی نہ ہوں گے اور نئی مَے کفایت نہ کرے گی۔ 3وہ خُداوند کے مُلک میں نہ بسیں گے بلکہ اِفرائِیم مِصرؔ کو واپس جائے گا اور وہ اسُور میں ناپاک چِیزیں کھائیں گے۔ 4وہ مَے کو خُداوند کے لِئے نہ تپائیں گے اور وہ اُس کے مقبُول نہ ہوں گے اُن کی قُربانِیاں اُن کے لِئے نَوحہ گروں کی روٹی کی مانِند ہوں گی۔ اُن کو کھانے والے ناپاک ہوں گے کیونکہ اُن کی روٹِیاں اُن ہی کی بُھوک کے لِئے ہوں گی اور خُداوند کے گھر میں داخِل نہ ہوں گی۔ 5مجمعِ مُقدّس کے روز اور خُداوند کی عِید کے روز کیا کرو گے؟ 6کیونکہ وہ تباہی کے خَوف سے چلے گئے لیکن مِصرؔ اُن کو سمیٹے گا۔ موف اُن کو دفن کرے گا۔ اُن کی چاندی کے اچّھے خزانوں پر بِچُّھو بُوٹی قابِض ہو گی۔ اُن کے خَیموں میں کانٹے اُگیں گے۔
7سزا کے دِن آ گئے۔ جزا کا وقت آ پُہنچا۔ اِسرائیل کو معلُوم ہو جائے گا کہ اُس کی بدکرداری کی کثرت اور عداوت کی زِیادتی کے باعِث نبی بیوُقُوف ہے۔ رُوحانی آدمی دِیوانہ ہے۔ 8اِفرائِیم میرے خُدا کی طرف سے نِگہبان ہے۔ نبی اپنی تمام راہوں میں چِڑِیمار کا جال ہے۔ وہ اپنے خُدا کے گھر میں عداوت ہے۔ 9اُنہوں نے اپنے آپ کو نِہایت خراب کِیا جَیسا جِبعہ کے ایّام میں ہُؤا تھا۔ وہ اُن کی بدکرداری کو یاد کرے گا اور اُن کے گُناہوں کی سزا دے گا۔
اِسرائیلؔ کا گُناہ اور اُس کے نِتائج
10مَیں نے اِسرائیل کو بیابانی انگُوروں کی مانِند پایا۔ تُمہارے باپ دادا کو انجِیر کے پہلے پکّے پَھل کی مانِند دیکھا جو درخت کے پہلے مَوسم میں لگا ہو لیکن وہ بعل فغُور کے پاس گئے اور اپنے آپ کو اُس باعِث رُسوائی کے لِئے مخصُوص کِیا اور اپنے اُس محبُوب کی مانِند مکرُوہ ہُوئے۔ 11اہلِ اِفرائِیم کی شَوکت پرِندہ کی مانِند اُڑ جائے گی وِلادت و حامِلہ کا وجُود اُن میں نہ ہو گا اور قرارِ حمل مَوقُوف ہو جائے گا۔ 12اگرچہ وہ اپنے بچّوں کو پالیں تَو بھی مَیں اُن کو چِھین لُوں گا تاکہ کوئی آدمی باقی نہ رہے کیونکہ جب مَیں بھی اُن سے دُور ہو جاؤُں تو اُن کی حالت قابِل افسوس ہوگی۔
13اِفرائِیم کو مَیں دیکھتا ہُوں کہ وہ صُور کی طرح نفِیس جگہ میں لگایا گیا لیکن اِفرائِیم اپنے بچّوں کو قاتِل کے سامنے لے جائے گا۔ 14اَے خُداوند اُن کو دے۔ تُو اُن کو کیا دے گا؟ اُن کو اِسقاطِ حمل اور خُشک پِستان دے۔
اِسرائیلؔ پر خُداوند کا غضب
15اُن کی ساری شرارت جِلجاؔل میں ہے۔ ہاں وہاں مَیں نے اُن سے نفرت کی۔ اُن کی بد اعمالی کے سبب سے مَیں اُن کو اپنے گھر سے نِکال دُوں گا اور پِھر اُن سے مُحبّت نہ رکُھّوں گا۔ اُن کے سب اُمرا باغی ہیں۔ 16بنی اِفرائیِم تباہ ہو گئے۔ اُن کی جڑ سُوکھ گئی۔ اُن کے ہاں اَولاد نہ ہو گی اور اگر اَولاد ہو بھی تو مَیں اُن کے پِیارے بچّوں کو ہلاک کرُوں گا۔
نبی اِسرائیل کی بابت بولتا ہے
17میرا خُدا اُن کو ردّ کر دے گا کیونکہ وہ اُس کے شِنوا نہیں ہُوئے اور وہ اقوامِ عالَم میں آوارہ پِھریں گے۔
1اِسرائیل لہلہاتی تاک ہے جِس میں پَھل لگا جِس نے اپنے پَھل کی کثرت کے مُطابِق بُہت سی قُربان گاہیں تعمِیر کِیں اور اپنی زمِین کی خُوبی کے مُطابِق اچھّے اچھّے سُتُون بنائے۔ 2اُن کا دِل دغاباز ہے۔ اب وہ مُجرِم ٹھہریں گے۔ وہ اُن کے مذبحوں کو ڈھائے گا اور اُن کے سُتُونوں کو توڑے گا۔
3یقِیناً اب وہ کہیں گے ہمارا کوئی بادشاہ نہیں کیونکہ جب ہم خُداوند سے نہیں ڈرتے تو بادشاہ ہمارے لِئے کیا کر سکتا ہے؟ 4اُن کی باتیں باطِل ہیں۔ وہ عہد و پَیمان میں جُھوٹی قَسم کھاتے ہیں۔ اِس لِئے بلا اَیسی پُھوٹ نِکلے گی جَیسے کھیت کی ریگھارِیوں میں اِندراین۔
5بَیت آون کی بچِھیوں کے سبب سے سامرؔیہ کے باشِندے خَوف زدہ ہوں گے کیونکہ وہاں کے لوگ اُس پر ماتم کریں گے اور وہاں کے کاہِن بھی جو اُس کی گُذشتہ شَوکت کے سبب سے شادمان تھے۔ 6اِس کو بھی اسُور میں لے جا کر اُس مُخالِف بادشاہ کی نذر کریں گے۔ اِفرائِیم ندامت اُٹھائے گا اور اِسرائیلؔ اپنی مشورَت سے خجِل ہو گا۔ 7سامرؔیہ کا بادشاہ کٹ گیا ہے۔ وہ پانی پر تَیرتی شاخ کی مانِند ہے۔ 8اور آون کے اُونچے مقام جو اِسرائیل کا گُناہ ہیں برباد کِئے جائیں گے اور اُن کے مذبحوں پر کانٹے اور اُونٹ کٹارے اُگیں گے اور وہ پہاڑوں سے کہیں گے ہم کو چِھپا لو اور ٹِیلوں سے کہیں گے ہم پر آ گِرو۔
خُداوند اِسرائیلؔ پر غضب کا اِعلان کرتا ہے
9اَے اِسرائیل! تُو جِبعہ کے ایّام سے گُناہ کرتا آیا ہے۔ وہ وہِیں ٹھہرے رہے تاکہ لڑائی جِبعہ میں بدکرداروں کی نسل تک نہ پُہنچے۔ 10مَیں جب چاہُوں اُن کو سزا دُوں گا اور جب مَیں اُن کے دو گُناہوں کی سزا دُوں گا تو لوگ اُن پر ہجُوم کریں گے۔
11اِفرائِیم سدھائی ہُوئی بچِھیا ہے جو داؤنا پسند کرتی ہے اور مَیں نے اُس کی خُوش نُما گردن کو دریغ کِیا لیکن مَیں اِفرائِیم پر سوار بِٹھاؤُں گا۔ یہُوداؔہ ہل چلائے گا اور یعقُوبؔ ڈھیلے توڑے گا۔ 12اپنے لِئے صداقت سے تُخم ریزی کرو۔ شفقت سے فصل کاٹو اور اپنی اُفتادہ زمِین میں ہل چلاؤ کیونکہ اب مَوقع ہے کہ تُم خُداوند کے طالِب ہو تاکہ وہ آئے اور راستی کو تُم پر برسائے۔ 13تُم نے شرارت کا ہل چلایا۔ بدکرداری کی فصل کاٹی اور جُھوٹ کا پَھل کھایا
کیونکہ تُو نے اپنی روِش میں اپنے بہادُروں کے انبوہ پر تکیہ کِیا۔ 14اِس لِئے تیرے لوگوں کے خِلاف ہنگامہ برپا ہو گا اور تیرے سب قلعے مِسمار کِئے جائیں گے جِس طرح شلمنؔ نے لڑائی کے دِن بَیت اربیلؔ کو مِسمار کِیا تھا جب کہ ماں اپنے بچّوں سمیت ٹُکڑے ٹُکڑے ہو گئی۔ 15تُمہاری بے نِہایت شرارت کے سبب سے بَیت ایل میں تُمہارا یِہی حال ہو گا۔ شاہِ اِسرائیلؔ علیٰ الصَّباح بِالکُل فنا ہو جائے گا۔
گردَن کَش لوگوں کے لِئے خُدا کی مُحبّت
1جب اِسرائیل ابھی بچّہ ہی تھا
مَیں نے اُس سے مُحبّت رکھّی
اور اپنے بیٹے کو مِصرؔ سے بُلایا۔
2اُنہوں نے جِس قدر اُن کو بُلایا اُسی قدر وہ دُور
ہوتے گئے
اُنہوں نے بعلِیم کے لِئے قُربانِیاں گُذرانِیں
اور تراشی ہُوئی مُورتوں کے لِئے بخُور جلایا۔
3مَیں نے بنی اِفرائِیم کو چلنا سِکھایا۔
مَیں نے اُن کو گود میں اُٹھایا
لیکن اُنہوں نے نہ جانا کہ مَیں ہی نے اُن کو
صِحت بخشی۔
4مَیں نے اُن کو اِنسانی رِشتوں اور مُحبّت کی ڈوریوں
سے کھینچا۔
مَیں اُن کے حق میں اُن کی گردن پر سے جُؤا
اُتارنے والوں کی مانِند ہُؤا
اور مَیں نے اُن کے آگے کھانا رکھّا۔
5وہ پِھر مُلکِ مِصرؔ میں نہ جائیں گے بلکہ اسُور اُن کا بادشاہ ہو گا کیونکہ وہ واپس آنے سے اِنکار کرتے ہیں۔ 6تلوار اُن کے شہروں پر آ پڑے گی اور اُن کے اڑبنگوں کو کھا جائے گی اور یہ اُن ہی کی مشورَت کا نتِیجہ ہو گا۔ 7کیونکہ میرے لوگ مُجھ سے برگشتگی پر آمادہ ہیں۔ باوُجُودیکہ اُنہوں نے اُن کو بُلایا کہ حق تعالیٰ کی طرف رجُوع لائیں لیکن کِسی نے نہ چاہا کہ اُس کی تمجِید کرے۔
8اَے اِفرائِیم مَیں تُجھ سے کیونکر دست بردار ہو جاؤُں؟
اَے اِسرائیل مَیں تُجھے کیونکر ترک کرُوں؟
مَیں کیونکر تُجھے ادمہ کی مانِند کرُوں
اور ضِبوئِیم کی مانِند بناؤُں؟
میرا دِل مُجھ میں پیچ کھاتا ہے۔
میری شفقت مَوجزن ہے۔
9مَیں اپنے قہر کی شِدّت کے مُطابِق عمل نہیں کرُوں گا۔
مَیں ہرگِز اِفرائِیم کو ہلاک نہ کرُوں گا
کیونکہ مَیں اِنسان نہیں۔ خُدا ہُوں۔
تیرے درمِیان سکُونت کرنے والا قدُّوس
اور مَیں قہر کے ساتھ نہیں آؤُں گا۔
10وہ خُداوند کی پَیروی کریں گے جو شیرِ بَبر کی طرح گرجے گا کیونکہ وہ گرجے گا اور اُس کے فرزند مغرِب کی طرف سے کانپتے ہُوئے آئیں گے۔ 11وہ مِصرؔ سے پرِندہ کی طرح اور اسُور کے مُلک سے کبُوتر کی مانِند کانپتے ہُوئے آئیں گے اور مَیں اُن کو اُن کے گھروں میں بساؤُں گا خُداوند فرماتا ہے۔
اِسرائیلؔ اور یہُوداؔہ پر سزا کا حُکم
12اِفرائِیم نے دروغ گوئی سے اور اِسرائیل کے گھرانے نے مکّاری سے مُجھ کو گھیرا ہے لیکن یہُوداؔہ اب تک خُدا کے ساتھ ہاں اُس قدُّوس وفادار کے ساتھ حُکمران ہے۔
1اِفرائِیم ہوا چَرتا ہے۔ وہ پُوربی ہوا کے پِیچھے دَوڑتا ہے۔ وہ مُتواتِر جُھوٹ پر جُھوٹ بولتا اور ظُلم کرتا ہے۔ وہ اسُوریوں سے عہد و پَیمان کرتے اور مِصرؔ کو تیل بھیجتے ہیں۔
2خُداوند کا یہُوداؔہ کے ساتھ بھی جھگڑا ہے اور یعقُوبؔ کی روِش کے مُطابِق اُس کو سزا دے گا اور اُس کے اعمال کے مُوافِق اُس کو جزا دے گا۔ 3اُس نے رَحِم میں اپنے بھائی کی ایڑی پکڑی اور وہ اپنی توانائی کے ایّام میں خُدا سے کُشتی لڑا۔ 4ہاں وہ فرِشتہ سے کُشتی لڑا اور غالِب آیا۔ اُس نے رو کر مُناجات کی۔ اُس نے اُسے بَیت ایل میں پایا اور وہاں وہ ہم سے ہم کلام ہُؤا۔ 5یعنی خُداوند ربُّ الافواج یہوواؔہ اُس کی یادگار ہے۔ 6پس تُو اپنے خُدا کی طرف رجُوع لا۔ نیکی اور راستی پر قائِم اور ہمیشہ اپنے خُدا کا اُمّیدوار رہ۔
غضب کے بارے میں مزِید بیان
7وہ سَوداگر ہے اور دغا کی ترازُو اُس کے ہاتھ میں ہے۔ وہ ظُلم دوست ہے۔ 8اِفرائِیم تو کہتا ہے مَیں دَولت مند ہُوں اور مَیں نے بُہت سا مال حاصِل کِیا ہے میری ساری کمائی میں بدکرداری کا گُناہ نہ پائیں گے۔ 9لیکن مَیں مُلکِ مِصرؔ سے خُداوند تیرا خُدا ہُوں۔ مَیں پِھر تُجھ کو عِیدِ مُقدّس کے ایّام کے دستُور پر خَیموں میں بساؤُں گا۔
10مَیں نے تو نبیوں سے کلام کِیا اور رویا پر رویا دِکھائی اور نبیوں کے وسِیلہ سے تشبِیہات اِستعمال کِیں۔ 11یقیناً جِلعاد میں بدکرداری ہے۔ وہ بِالکُل بطالت ہیں۔ وہ جِلجاؔل میں بَیل قُربان کرتے ہیں۔ اُن کی قُربان گاہیں کھیت کی ریگھارِیوں پر کے تُودوں کی مانِند ہیں۔
12اور یعقُوبؔ اراؔم کی زمِین کو بھاگ گیا۔ ہاں اِسرائیل بِیوی کی خاطِر نَوکر بنا۔ اُس نے بِیوی کی خاطِر چَوپانی کی۔ 13ایک نبی کے وسِیلہ سے خُداوند اِسرائیل کو مِصرؔ سے نِکال لایا اور نبی ہی کے وسِیلہ سے وہ محفُوظ رہا۔ 14اِفرائِیم نے بڑے سخت غضب انگیز کام کِئے۔ اِس لِئے اُس کا خُون اُسی کے گردن پر ہو گا اور اُس کا خُداوند اُس کی ملامت اُسی کے سر پر لائے گا۔
اِسرائیلؔ پر آخری غضب کا نزُول
1اِفرائِیم کے کلام میں ہَیبت تھی وہ اِسرائیل کے درمِیان سرفراز کِیا گیا۔ لیکن بعل کے سبب سے گُنہگار ہو کر فنا ہو گیا۔ 2اور اب وہ گُناہ پر گُناہ کرتے ہیں اُنہوں نے اپنے لِئے چاندی کی ڈھالی ہُوئی مُورتیں بنائِیں اور اپنی فہمِید کے مُطابِق بُت تیّار کِئے جو سب کے سب کارِیگروں کا کام ہیں۔ وہ اُن کی بابت کہتے ہیں جو لوگ قُربانی گُذرانتے ہیں بچھڑوں کو چُومیں۔ 3اِس لِئے وہ صُبح کے بادل اور شبنم کی مانِند جلد جاتے رہیں گے اور بُھوسی کی مانِند جِس کو بگُولا کھلِیہان پر سے اُڑا لے جاتا ہے اور اُس دُھوئیں کی مانِند جو دُودکش سے نِکلتا ہے۔
4لیکن مَیں مُلکِ مِصرؔ ہی سے خُداوند تیرا خُدا ہُوں اور میرے سِوا تُو کِسی معبُود کو نہیں جانتا تھا کیونکہ میرے سِوا کوئی اَور نجات دینے والا نہیں ہے۔ 5مَیں نے بیابان میں یعنی خُشک زمِین میں تیری خبر گِیری کی۔ 6وہ اپنی چراگاہوں میں سیر ہُوئے اور سیر ہو کر اُن کے دِل میں گُھمنڈ سمایا اور مُجھے بُھول گئے۔ 7اِس لِئے مَیں اُن کے لِئے شیرِ بَبر کی مانِند ہُؤا۔ چِیتے کی مانِند راہ میں اُن کی گھات میں بَیٹُھوں گا۔ 8مَیں اُس رِیچھنی کی مانِند جِس کے بچّے چِھن گئے ہوں اُن سے دوچار ہُوں گا اور اُن کے دِل کا پردہ چاک کر کے شیرِ بَبر کی طرح اُن کو وہِیں نِگل جاؤُں گا۔ دشتی درِندے اُن کو پھاڑ ڈالیں گے۔
9اَے اِسرائیل یِہی تیری ہلاکت ہے کہ تُو میرا یعنی اپنے مددگار کا مُخالِف بنا۔ 10اب تیرا بادشاہ کہاں ہے کہ تُجھے تیرے سب شہروں میں بچائے؟ اور تیرے قاضی کہاں ہیں جِن کی بابت تُو کہتا تھا کہ مُجھے بادشاہ اور اُمرا عِنایت کر؟ 11مَیں نے اپنے قہر میں تُجھے بادشاہ دِیا اور غضب سے اُسے اُٹھا لِیا۔
12اِفرائِیم کی بدکرداری باندھ رکھّی گئی اور اُس کے گُناہ ذخِیرہ میں جمع کِئے گئے۔ 13وہ گویا دردِ زِہ میں مُبتلا ہو گا۔ وہ بے دانِش فرزند ہے۔ اب مُناسِب ہے کہ وِلادت گاہ میں دیر نہ کرے۔ 14مَیں اُن کو پاتال کے قابُو سے نجات دُوں گا مَیں اُن کو مَوت سے چُھڑاؤُں گا۔ اَے مَوت تیری وبا کہاں ہے؟ اَے پاتال تیری ہلاکت کہاں ہے؟ مَیں ہرگِز رحم نہ کرُوں گا۔ 15اگرچہ وہ اپنے بھائِیوں میں برومند ہو تَو بھی پُوربی ہوا آئے گی۔ خُداوند کا دَم بیابان سے آئے گا اور اُس کا سوتا سُوکھ جائے گا اور اُس کا چشمہ خُشک ہو جائے گا۔ وہ سب مرغُوب ظرُوف کا خزانہ لُوٹ لے گا۔ 16سامرؔیہ اپنے جُرم کی سزا پائے گا کیونکہ اُس نے اپنے خُدا سے بغاوت کی ہے۔ وہ تلوار سے گِر جائیں گے۔ اُن کے بچّے پارہ پارہ ہوں گے اور باردار عَورتوں کے پیٹ چاک کِئے جائیں گے۔
ہوسِیعَ کی اِسرائیلؔ سے اِلتجا
1اَے اِسرائیل خُداوند اپنے خُدا کی طرف رجُوع لا کیونکہ تُو اپنی بدکرداری کے سبب سے گِر گیا ہے۔ 2کلام لے کر خُداوند کی طرف رجُوع لاؤ اور کہو ہماری تمام بدکرداری کو دُور کر اور فضل سے ہم کو قبُول فرما۔ تب ہم اپنے لبوں سے قُربانِیاں گُذرانیں گے۔ 3اسُور ہم کو نہیں بچائے گا۔ ہم گھوڑوں پر سوار نہیں ہوں گے اور اپنی دست کاری کو خُدا نہ کہیں گے کیونکہ یتِیموں پر رحم کرنے والا تُو ہی ہے۔
خُداوند اِسرائیلؔ کے لِئے نئی زِندگی کا وعدہ کرتا ہے
4مَیں اُن کی برگشتگی کا چارہ کرُوں گا۔
مَیں کُشادہ دِلی سے اُن سے مُحبّت رکُھّوں گا
کیونکہ میرا قہر اُن پر سے ٹل گیا ہے۔
5مَیں اِسرائیل کے لِئے اوس کی مانِند ہُوں گا۔
وہ سوسن کی طرح پُھولے گا
اور لُبناؔن کی طرح اپنی جڑیں پَھیلائے گا۔
6اُس کی ڈالِیاں پَھیلیں گی
اور اُس میں زَیتُون کے درخت کی خُوب صُورتی
اور لُبناؔن کی سی خُوشبُو ہو گی۔
7اُس کے زیرِ سایہ رہنے والے بحال ہو جائیں گے۔
وہ گیہُوں کی مانِند تر و تازہ
اور تاک کی مانِند شگُفتہ ہوں گے۔
اُن کی شُہرت لُبناؔن کی مَے کی سی ہو گی۔
8اِفرائِیم کہے گا اب مُجھے بُتوں سے کیا کام؟
مَیں خُداوند نے اُس کی سُنی ہے اور اُس پر نِگاہ
کرُوں گا۔
مَیں سرسبز سرو کی مانِند ہُوں۔
تُو مُجھ ہی سے برومند ہُؤا۔
حاصل کلام
9دانِش مند کَون ہے کہ وہ یہ باتیں سمجھے اور دُور اندیش کَون ہے جو اِن کو جانے؟ کیونکہ خُداوند کی راہیں راست ہیں اور صادِق اُن میں چلیں گے لیکن خطاکار اُن میں گِر پڑیں گے۔