یرمِیاہ

کتابِ یرمِیاہ بائبل کی ایک اہم نبی کی کتاب ہے، جو خدا کے قہر، انصاف اور نجات کے پیغامات پر مشتمل ہے۔ یہ کتاب بنی اسرائیل کی نافرمانیوں، خدا کی طرف سے آنے والی سزا، اور اس کے ساتھ ساتھ خدا کی رحم دلی اور نجات کے وعدوں کو بیان کرتی ہے۔ یرمِیاہ میں قوم کی اصلاح اور توبہ کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے، جہاں انفرادی اور اجتماعی گناہ کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس کتاب میں خدا کی وفاداری، انسان کی کمزوری اور خدا پر بھروسہ کرنے کی اہمیت کو واضح کیا گیا ہے۔ یرمِیاہ کا پیغام ہر فرد کے لیے توبہ، ایمانداری اور خدا کی ہدایت کی پیروی پر زور دیتا ہے۔

یَرمِیاہ کی بُلاہٹ
1 یَرمِیاؔہ بِن خِلقیاہ کی باتیں جو بِنیمِین کی مُملکت میں عنتُوتی کاہِنوں میں سے تھا۔ 2 جِس پر خُداوند کا کلام شاہِ یہُوداؔہ یوسیاؔہ بِن امُون کے دِنوں میں اُس کی سلطنت کے تیرھویں سال میں نازِل ہُؤا۔ 3 شاہِ یہُوداؔہ یہُویقِیم بِن یوسیاؔہ کے دِنوں میں بھی شاہِ یہُوداؔہ صِدقیاہ بِن یوسیاؔہ کے گیارھویں سال کے تمام ہونے تک اہلِ یروشلیِم کے اسِیری میں جانے تک جو پانچویں مہِینے میں تھا نازِل ہوتا رہا۔
4 تب خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا اور اُس نے فرمایا۔ 5 اِس سے پیشتر کہ مَیں نے تُجھے بطن میں خلق کِیا۔ مَیں تُجھے جانتا تھا اور تیری وِلادت سے پہلے مَیں نے تُجھے مخصُوص کِیا اور قَوموں کے لِئے تُجھے نبی ٹھہرایا۔
6 تب مَیں نے کہا ہائے خُداوند خُدا! دیکھ مَیں بول نہیں سکتا کیونکہ مَیں تو بچّہ ہُوں۔
7 لیکن خُداوند نے مُجھے فرمایا یُوں نہ کہہ کہ مَیں بچّہ ہُوں کیونکہ جِس کِسی کے پاس مَیں تُجھے بھیجُوں گا تُو جائے گا اور جو کُچھ مَیں تُجھے فرماؤُں گا تُو کہے گا۔ 8 تُو اُن کے چِہروں کو دیکھ کر نہ ڈر کیونکہ خُداوند فرماتا ہے مَیں تُجھے چُھڑانے کو تیرے ساتھ ہُوں۔
9 تب خُداوند نے اپنا ہاتھ بڑھا کر میرے مُنہ کو چُھؤا اور خُداوند نے مُجھے فرمایا دیکھ مَیں نے اپنا کلام تیرے مُنہ میں ڈال دِیا۔ 10 دیکھ آج کے دِن مَیں نے تُجھے قَوموں پر اور سلطنتوں پر مُقرّر کِیا کہ اُکھاڑے اور ڈھائے اور ہلاک کرے اور گِرائے اور تعمِیر کرے اور لگائے۔
دو رویائیں
11 پِھر خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا اور اُس نے فرمایا اَے یَرمِیاؔہ تُو کیا دیکھتا ہے؟
مَیں نے عرض کی کہ بادام کے درخت کی ایک شاخ دیکھتا ہُوں۔
12 اور خُداوند نے مُجھے فرمایا کہ تُو نے خُوب دیکھا کیونکہ مَیں اپنے کلام کو پُورا کرنے کے لِئے بیدار رہتا ہُوں۔
13 دُوسری بار خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا اور اُس نے فرمایا تُو کیا دیکھتا ہے؟
مَیں نے عرض کی کہ اُبلتی ہُوئی دیگ دیکھتا ہُوں جِس کا مُنہ شِمال کی طرف سے ہے۔
14 تب خُداوند نے مُجھے فرمایا کہ شِمال کی طرف سے اِس مُلک کے تمام باشِندوں پر آفت آئے گی۔ 15 کیونکہ خُداوند فرماتا ہے دیکھ! مَیں شِمال کی سلطنتوں کے تمام خاندانوں کو بُلاؤُں گا اور وہ آئیں گے اور ہر ایک اپنا تخت یروشلیِم کے پھاٹکوں کے مدخل پر اور اُس کی سب دِیواروں کے گِرداگِرد اور یہُوداؔہ کے تمام شہروں کے مُقابِل قائِم کرے گا۔ 16 اور مَیں اُن کی ساری شرارت کے باعِث اُن پر فتویٰ دُوں گا کیونکہ اُنہوں نے مُجھے ترک کِیا اور غَیر معبُودوں کے سامنے لُبان جلایا اور اپنی ہی دست کاری کو سِجدہ کِیا۔ 17 اِس لِئے تُو اپنی کمر کَس کر اُٹھ کھڑا ہو اور جو کُچھ مَیں تُجھے فرماؤں اُن سے کہہ۔ اُن کے چِہروں کو دیکھ کر نہ ڈر۔ اَیسا نہ ہو کہ مَیں تُجھے اُن کے سامنے سراسِیمہ کرُوں۔ 18 کیونکہ دیکھ مَیں آج کے دِن تُجھ کو اِس تمام مُلک اور یہُوداؔہ کے بادشاہوں اور اُس کے امِیروں اور اُس کے کاہِنوں اور مُلک کے لوگوں کے مُقابِل ایک فصِیل دار شہر اور لوہے کا سُتُون اور پِیتل کی دِیوار بناتا ہُوں۔ 19 اور وہ تُجھ سے لڑیں گے لیکن تُجھ پر غالِب نہ آئیں گے کیونکہ خُداوند فرماتا ہے مَیں تُجھے چُھڑانے کو تیرے ساتھ ہُوں۔
خُداوند اِسرائیل کی فِکر کرتا ہے
1 پِھر خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا اور اُس نے فرمایا کہ 2 تُو جا اور یروشلیِم کے کان میں پُکار کر کہہ کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ
مَیں تیری جوانی کی اُلفت
اور تیرے بیاہ کی مُحبّت کو یاد کرتا ہُوں
کہ تُو بیابان یعنی بنجر زمِین میں میرے پِیچھے پِیچھے چلی۔
3 اِسرائیل خُداوند کا مُقدّس اور اُس کی افزایش کا پہلا پَھل تھا۔
خُداوند فرماتا ہے اُسے نِگلنے والے سب مُجرِم ٹھہریں گے اُن پر آفت آئے گی۔
اِسرائیل کے آباؤاجداد کا گُناہ
4 اَے اہلِ یعقُوبؔ اور اہلِ اِسرائیل کے سب خاندانو! خُداوند کا کلام سُنو۔ 5 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ
تُمہارے باپ دادا نے مُجھ میں کَون سی بے اِنصافی پائی
جِس کے سبب سے وہ مُجھ سے دُور ہو گئے
اور بُطلان کی پیرَوی کر کے باطِل ہُوئے؟
6 اور اُنہوں نے یہ نہ کہا کہ
خُداوند کہاں ہے
جو ہم کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال لایا
اور بیابان اور بنجر اور گڑھوں کی زمِین میں سے
خُشکی اور مَوت کے سایہ کی سرزمِین میں سے
جہاں سے نہ کوئی گُذرتا
اور نہ کوئی بُود و باش کرتا تھا ہم کو لے آیا؟
7 اور مَیں تُم کو باغوں والی زمِین میں لایا
کہ تُم اُس کے میوے اور اُس کے اچّھے پَھل کھاؤ
لیکن جب تُم داخِل ہُوئے
تو تُم نے میری زمِین کو ناپاک کر دِیا
اور میری مِیراث کو مکرُوہ بنایا۔
8 کاہِنوں نے نہ کہا کہ
خُداوند کہاں ہے؟
اور اہلِ شرِیعت نے مُجھے نہ جانا
اور چرواہوں نے مُجھ سے سرکشی کی
اور نبِیوں نے بعل کے نام سے نبُوّت کی
اور اُن چِیزوں کی پَیروی کی جِن سے کُچھ فائِدہ نہیں۔
خُداوند کا اپنے لوگوں کے خِلاف مُقدّمہ
9 اِس لِئے خُداوند فرماتا ہے مَیں پِھر تُم سے جھگڑُوں گا
اور تُمہارے بیٹوں کے بیٹوں سے جھگڑا کرُوں گا۔
10 کیونکہ پار گُذر کر کِتّیِم کے جزِیروں میں دیکھو
اور قِیداؔر میں قاصِد بھیج کر دریافت کرو
اور دیکھو کہ اَیسی بات کہِیں ہُوئی ہے؟
11 کیا کِسی قَوم نے اپنے معبُودوں کو حالانکہ وہ خُدا نہیں بدل ڈالا؟
پر میری قَوم نے اپنے جلال کو بے فائِدہ چِیز سے بدلا۔
12 خُداوند فرماتا ہے اَے آسمانو! اِس سے حَیران ہو۔
شِدّت سے تھرتھراؤ اور بِالکُل وِیران ہو جاؤ۔
13 کیونکہ میرے لوگوں نے دو بُرائیاں کِیں۔
اُنہوں نے مُجھ آبِ حیات کے چشمہ کو ترک کر دِیا
اور اپنے لِئے حَوض کھودے ہیں۔ شِکستہ حَوض
جِن میں پانی نہیں ٹھہر سکتا۔
اِسرائیل کی بے وفائی کے نِتائج
14 کیا اِسرائیل غُلام ہے؟
کیا وہ خانہ زاد ہے؟ وہ کِس لِئے لُوٹا گیا؟
15 جوان شیرِ بَبر اُس پر غُرّائے اور گرجے
اور اُنہوں نے اُس کا مُلک اُجاڑ دِیا۔
اُس کے شہر جل گئے۔ وہاں کوئی بسنے والا نہ رہا۔
16 بنی نُوف اور بنی تحفنیِس نے بھی
تیری کھوپڑی پھوڑی۔
17 کیا تُو خُود ہی یہ اپنے اُوپر نہیں لائی
کہ تُو نے خُداوند اپنے خُدا کو ترک کِیا
جب کہ وہ تیری راہبری کرتا تھا؟
18 اور اب سِیحور کا پانی پِینے کو مِصرؔ کی راہ میں تُجھے کیا کام؟
اور دریایِ فراؔت کا پانی پِینے کو اسُور کی راہ میں تیرا کیا مطلب؟
19 تیری ہی شرارت تیری تادِیب کرے گی
اور تیری برگشتگی تُجھ کو سزا دے گی۔
خُداوند ربُّ الافواج فرماتا ہے دیکھ
اور جان لے کہ یہ بُرا اور بے نِہایت بیجا کام ہے
کہ تُو نے خُداوند اپنے خُدا کو ترک کِیا
اور تُجھ کو میرا خَوف نہیں۔
بنی اِسرائیل خُداوند کی پرستِش کرنے سے اِنکار کرتے ہیں
20 کیونکہ مُدّت ہُوئی کہ تُو نے اپنے جُوئے کو توڑ ڈالا
اور اپنے بندھنوں کے ٹُکڑے کر ڈالے اور کہا کہ
مَیں تابِع نہ رہُوں گی۔
ہاں ہر ایک اُونچے پہاڑ پر
اور ہر ایک ہرے درخت کے نِیچے
تُو بدکاری کے لِئے لیٹ گئی۔
21 مَیں نے تو تُجھے کامِل تاک لگایا
اور عُمدہ بِیج بویا تھا
پِھر تُو کیونکر میرے لِئے بے حقِیقت جنگلی انگُور کا درخت ہو گئی؟
22 ہر چند تُو اپنے کو سجّی سے دھوئے اور بُہت سا صابُون اِستعمال کرے
تَو بھی خُداوند خُدا فرماتا ہے
تیری شرارت کا داغ میرے حضُور عیان ہے۔
23 تُو کیونکر کہتی ہے مَیں ناپاک نہیں ہُوں۔
مَیں نے بعلِیم کی پَیروی نہیں کی؟
وادی میں اپنی روِش دیکھ اور جو کُچھ تُو نے کِیا ہے معلُوم کر۔
تُو تیز رَو اُونٹنی کی مانِند ہے جو اِدھر اُدھر دَوڑتی ہے۔
24 مادہ گورخر کی مانِند جو بیابان کی عادی ہے۔
جو شہوت کے جوش میں ہوا کو سُونگھتی ہے۔
اُس کی مَستی کی حالت میں کَون اُسے روک سکتا ہے؟
اُس کے طالِب ماندہ نہ ہوں گے۔
اُس کی مَستی کے ایّام میں وہ اُسے پا لیں گے۔
25 تُو اپنے پاؤں کو برہنگی سے
اور اپنے حلق کو پِیاس سے بچا
لیکن تُو نے کہا کہ کُچھ اُمّید نہیں۔ ہرگِز نہیں
کیونکہ مَیں بے گانوں پر عاشِق ہُوں اور اُن ہی کے پِیچھے جاؤُں گی۔
اِسرائیل سزا کے لائِق ہے
26 جِس طرح چور پکڑا جانے پر رُسوا ہوتا ہے اُسی طرح اِسرائیل کا گھرانا رُسوا ہُؤا۔ وہ اور اُس کے بادشاہ اور اُمرا اور کاہِن اور نبی۔ 27 جو لکڑی سے کہتے ہیں کہ تُو میرا باپ ہے اور پتّھر سے کہ تُو نے مُجھے جنم دِیا کیونکہ اُنہوں نے میری طرف مُنہ نہ کِیا بلکہ پِیٹھ کی پر اپنی مُصِیبت کے وقت وہ کہیں گے کہ اُٹھ کر ہم کو بچا۔
28 لیکن تیرے بُت کہاں ہیں جِن کو تُو نے اپنے لِئے بنایا؟ اگر وہ تیری مُصِیبت کے وقت تُجھے بچا سکتے ہیں تو اُٹھیں کیونکہ اَے یہُوداؔہ! جِتنے تیرے شہر ہیں اُتنے ہی تیرے معبُود ہیں۔ 29 تُم مُجھ سے کیوں حُجّت کرو گے؟ تُم سب نے مُجھ سے بغاوت کی ہے خُداوند فرماتا ہے۔ 30 مَیں نے بے فائِدہ تُمہارے بیٹوں کو پِیٹا۔ وہ تربِیّت پذِیر نہ ہُوئے۔ تُمہاری ہی تلوار پھاڑنے والے شیرِ بَبر کی طرح تُمہارے نبِیوں کو کھا گئی۔ 31 اَے اِس پُشت کے لوگو! خُداوند کے کلام کا لِحاظ کرو۔ کیا مَیں اِسرائیل کے لِئے بیابان یا تارِیکی کی زمِین ہُؤا؟ میرے لوگ کیوں کہتے ہیں ہم آزاد ہو گئے۔ پِھر تیرے پاس نہ آئیں گے؟ 32 کیا کُنواری اپنے زیور یا دُلہن اپنی آرایش بُھول سکتی ہے؟ پر میرے لوگ تو مُدّتِ مدِید سے مُجھ کو بُھول گئے۔ 33 تُو طلبِ عِشق میں اپنی راہ کو کَیسی آراستہ کرتی ہے! یقِیناً تُو نے فاحِشہ عَورتوں کو بھی اپنی راہیں سِکھائی ہیں۔ 34 تیرے ہی دامن پر بے گُناہ مِسکِینوں کا خُون بھی پایا گیا۔ تُو نے اُن کو نقب لگاتے نہیں پکڑا
بلکہ اِن ہی سب باتوں کے سبب سے۔ 35 تَو بھی تُو کہتی ہے مَیں بے قُصُور ہُوں۔ اُس کا غضب یقِیناً مُجھ پر سے ٹل جائے گا۔ دیکھ مَیں تُجھ پر فتویٰ دُوں گا کیونکہ تُو کہتی ہے مَیں نے گُناہ نہیں کِیا۔ 36 تُو اپنی راہ بدلنے کو اَیسی بے قرار کیوں پِھرتی ہے؟ تُو مِصرؔ سے بھی شرمِندہ ہو گی جَیسے اسُور سے ہُوئی۔ 37 وہاں سے بھی تُو اپنے سر پر ہاتھ رکھ کر نِکلے گی کیونکہ خُداوند نے اُن کو جِن پر تُو نے اِعتماد کِیا حقِیر جانا اور تُو اُن سے کامیاب نہ ہو گی۔
بے وفا اِسرائیل
1 کہتے ہیں کہ اگر کوئی مَرد اپنی بِیوی کو طلاق دے دے اور وہ اُس کے ہاں سے جا کر کِسی دُوسرے مَرد کی ہو جائے تو کیا وہ پہلا پِھر اُس کے پاس جائے گا؟ کیا وہ زمِین نِہایت ناپاک نہ ہو گی؟ لیکن تُو نے تو بُہت سے یاروں کے ساتھ بدکاری کی ہے۔ کیا اب بھی تُو میری طرف پِھرے گی؟ خُداوند فرماتا ہے۔ 2 پہاڑوں کی طرف اپنی آنکھیں اُٹھا اور دیکھ کَون سی جگہ ہے جہاں تُو نے بدکاری نہیں کی؟ تُو راہ میں اُن کے لِئے اِس طرح بَیٹھی جِس طرح بیابان میں عرب۔ تُو نے اپنی بدکاری اور شرارت سے زمِین کو ناپاک کِیا۔ 3 اِس لِئے بارِش نہیں ہوتی اور آخِری برسات نہیں ہُوئی۔ تیری پیشانی فاحِشہ کی ہے اور تُجھ کو شرم نہیں آتی۔
4 کیا تُو اب سے مُجھے پُکار کر نہ کہے گی اَے میرے باپ! تُو میری جوانی کا راہبر تھا؟ 5 کیا اُس کا قہر ہمیشہ رہے گا؟ کیا وہ اُسے ابد تک رکھ چھوڑے گا؟ دیکھ تُو اَیسی باتیں تو کہہ چُکی لیکن جہاں تک تُجھ سے ہو سکا تُو نے بُرے کام کِئے۔
اِسرائیل اور یہُوداؔہ کو توبہ کرنی چاہئے
6 اور یوسیاؔہ بادشاہ کے ایّام میں خُداوند نے مُجھ سے فرمایا کیا تُو نے دیکھا برگشتہ اِسرائیل نے کیا کِیا ہے؟ وہ ہر ایک اُونچے پہاڑ پر اور ہر ایک ہرے درخت کے نِیچے گئی اور وہاں بدکاری کی۔ 7 اور جب وہ یہ سب کُچھ کر چُکی تو مَیں نے کہا وہ میری طرف واپس آئے گی پر وہ نہ آئی اور اُس کی بے وفا بہن یہُوداؔہ نے یہ حال دیکھا۔ 8 پِھر مَیں نے دیکھا کہ جب برگشتہ اِسرائیل کی زِناکاری کے سبب سے مَیں نے اُس کو طلاق دے دی اور اُسے طلاق نامہ لِکھ دِیا تَو بھی اُس کی بے وفا بہن یہُوداؔہ نہ ڈری بلکہ اُس نے بھی جا کر بدکاری کی۔ 9 اور اَیسا ہُؤا کہ اُس نے اپنی بدکاری کی بُرائی سے زمِین کو ناپاک کِیا اور پتّھر اور لکڑی کے ساتھ زِناکاری کی۔ 10 اور خُداوند فرماتا ہے کہ باوُجُود اِس سب کے اُس کی بے وفا بہن یہُوداؔہ سچّے دِل سے میری طرف نہ پِھری بلکہ رِیاکاری سے۔
11 اور خُداوند نے مُجھ سے فرمایا برگشتہ اِسرائیل نے بے وفا یہُوداؔہ سے زِیادہ اپنے آپ کو صادِق ثابِت کِیا ہے۔ 12 جا اور شِمال کی طرف یہ بات پُکار کر کہہ دے کہ خُداوند فرماتا ہے اَے برگشتہ اِسرائیل! واپس آ۔ مَیں تُجھ پر قہر کی نظر نہیں کرُوں گا کیونکہ خُداوند فرماتا ہے مَیں رحِیم ہُوں۔ میرا قہر دائِمی نہیں۔ 13 صِرف اپنی بدکرداری کا اِقرار کر کہ تُو خُداوند اپنے خُدا سے عاصی ہو گئی اور ہر ایک ہرے درخت کے نِیچے غَیروں کے ساتھ اِدھر اُدھر آوارہ پِھری۔ خُداوند فرماتا ہے تُم میری آواز کے شِنوا نہ ہُوئے۔
14 خُداوند فرماتا ہے اَے برگشتہ بچّو واپس آؤ! کیونکہ مَیں خُود تُمہارا مالِک ہُوں اور مَیں تُم کو ہر ایک شہر میں سے ایک اور ہر ایک گھرانے میں سے دو لے کر صِیُّون میں لاؤُں گا۔ 15 اور مَیں تُم کو اپنے خاطِر خواہ چرواہے دُوں گا اور وہ تُم کو دانائی اور عقل مندی سے چرائیں گے۔ 16 اور یُوں ہو گا خُداوند فرماتا ہے کہ جب اُن ایّام میں تُم مُلک میں بڑھو گے اور بُہت ہو گے تب وہ پِھر نہ کہیں گے کہ خُداوند کے عہد کا صندُوق۔ اُس کا خیال بھی کبھی اُن کے دِل میں نہ آئے گا۔ وہ ہرگِز اُسے یاد نہ کریں گے اور اُس کی زِیارت کو نہ جائیں گے اور اُس کی مرمّت نہ ہو گی۔ 17 اُس وقت یروشلیِم خُداوند کا تخت کہلائے گا اور اُس میں یعنی یروشلیِم میں سب قَومیں خُداوند کے نام سے جمع ہوں گی اور وہ پِھر اپنے بُرے دِل کی سختی کی پَیروی نہ کریں گے۔ 18 اُن ایّام میں یہُوداؔہ کا گھرانا اِسرائیل کے گھرانے کے ساتھ چلے گا۔ وہ مِل کر شِمال کے مُلک میں سے اُس مُلک میں جِسے مَیں نے تُمہارے باپ دادا کو مِیراث میں دِیا آئیں گے۔
خُدا کے لوگوں کی بُت پرستی
19 آہ! مَیں نے تو کہا تھا
مَیں تُجھ کو فرزندوں میں شامِل کر کے خُوش نُما مُلک
یعنی قَوموں کی نفِیس مِیراث تُجھے دُوں گا
اور تُو مُجھے باپ کہہ کر پُکارے گی اور تُو پِھر مُجھ سے برگشتہ نہ ہو گی۔
20 لیکن خُداوند فرماتا ہے
اَے اِسرائیل کے گھرانے! جِس طرح بِیوی
بے وفائی سے اپنے شَوہر کو چھوڑ دیتی ہے
اُسی طرح تُو نے مُجھ سے بے وفائی کی ہے۔
21 پہاڑوں پر بنی اِسرائیل کی گِریہ و زاری
اور مِنّت کی آواز سُنائی دیتی ہے
کیونکہ اُنہوں نے اپنی راہ ٹیڑھی کی
اور خُداوند اپنے خُدا کو بُھول گئے۔
22 اَے برگشتہ فرزندو واپس آؤ!
مَیں تُمہاری برگشتگی کا چارہ کرُوں گا۔
دیکھ ہم تیرے پاس آتے ہیں کیونکہ تُو ہی اَے خُداوند ہمارا خُدا ہے۔ 23 فی الحقِیقت ٹِیلوں اور پہاڑوں پر کے ہجُوم سے کُچھ اُمّید رکھنا بے فائِدہ ہے۔ یقِیناً خُداوند ہمارے خُدا ہی میں اِسرائیل کی نجات ہے۔ 24 لیکن اِس رُسوائی کے باعِث نے ہماری جوانی کے وقت سے ہمارے باپ دادا کے مال کو اور اُن کی بھیڑوں اور اُن کے بَیلوں اور اُن کے بیٹے اور بیٹِیوں کو نِگل لِیا ہے۔ 25 ہم اپنی شرم میں لیٹیں اور رُسوائی ہم کو چِھپا لے کیونکہ ہم اور ہمارے باپ دادا اپنی جوانی کے وقت سے آج تک خُداوند اپنے خُدا کے خطاکار ہیں اور ہم خُداوند اپنے خُدا کی آواز کے شِنوا نہیں ہُوئے۔
تَوبہ کے لِئے پُکار
1 اَے اِسرائیل اگر تُو واپس آئے تو خُداوند فرماتا ہے اگر تُو میری طرف واپس آئے اور اپنی مکرُوہات کو میری نظر سے دُور کرے تو تُو آوارہ نہ ہو گا۔ 2 اور اگر تُو سچّائی اور عدالت اور صداقت سے زِندہ خُداوند کی قَسم کھائے تو قَومیں اُس کے سبب سے اپنے آپ کو مُبارک کہیں گی اور اُس پر فخر کریں گی۔
3 کیونکہ خُداوند یہُوداؔہ اور یروشلیِم کے لوگوں کو یُوں فرماتا ہے کہ اپنی اُفتادہ زمِین پر ہل چلاؤ اور کانٹوں میں تُخم ریزی نہ کرو۔ 4 اَے یہُوداؔہ کے لوگو اور یروشلیِم کے باشِندو! خُداوند کے لِئے اپنا خَتنہ کراؤ ہاں اپنے دِل کا خَتنہ کرو تا نہ ہو کہ تُمہاری بد اعمالی کے باعِث سے میرا قہر آگ کی مانِند شُعلہ زن ہو اور اَیسا بھڑکے کہ کوئی بُجھا نہ سکے۔
یہُوداؔہ پر حملہ کا خطرہ
5 یہُوداؔہ میں اِشتہار دو اور یروشلیِم میں اِس کی مُنادی کرو
اور کہو کہ تُم مُلک میں نرسِنگا پُھونکو۔
بُلند آواز سے پُکارو اور کہو کہ جمع ہو کہ حصِین شہروں میں چلیں۔
6 تُم صِیُّون ہی میں جھنڈا کھڑا کرو۔
پناہ لینے کو بھاگو اور دیر نہ کرو
کیونکہ مَیں بلا اور ہلاکتِ شدِید کو شِمال کی طرف سے لاتا ہُوں۔
7 شیرِ بَبر جھاڑِیوں سے نِکلا ہے
اور قَوموں کے ہلاک کرنے والے نے کُوچ کِیا ہے۔
وہ اپنی جگہ سے نِکلا ہے کہ تیری زمِین کو وِیران کرے
تاکہ تیرے شہر وِیران ہوں
اور کوئی بسنے والا نہ رہے۔
8 اِس لِئے ٹاٹ اوڑھ کر چھاتی پِیٹو اور واوَیلا کرو
کیونکہ خُداوند کا قہرِ شدِید
ہم پر سے ٹل نہیں گیا۔
9 اور خُداوند فرماتا ہے اُس وقت یُوں ہو گا کہ بادشاہ اور سردار بے دِل ہو جائیں گے اور کاہِن حَیرت زدہ اور نبی سراسِیمہ ہوں گے۔
10 تب مَیں نے کہا افسوس اَے خُداوند خُدا یقِیناً تُو نے اِن لوگوں اور یروشلیِم کو یہ کہہ کر دغا دی کہ تُم سلامت رہو گے حالانکہ تلوار جان تک پُہنچ گئی ہے۔
11 اُس وقت اِن لوگوں اور یروشلیِم سے یہ کہا جائے گا کہ بیابان کے پہاڑوں پر سے ایک خُشک ہوا میری دُخترِ قَوم کی طرف چلے گی۔ اُسانے اور صاف کرنے کے لِئے نہیں۔ 12 بلکہ وہاں سے ایک نِہایت تُند ہوا میرے لِئے چلے گی۔ اب مَیں بھی اُن پر فتویٰ دُوں گا۔
یہُوداؔہ دُشمنوں کے نِرغے میں
13 دیکھو وہ گھٹا کی طرح چڑھ آئے گا۔ اُس کے رتھ گِردباد کی مانِند اور اُس کے گھوڑے عُقابوں سے تیزتر ہیں۔ ہم پر افسوس! کہ ہائے ہم غارت ہو گئے۔
14 اَے یروشلیِم! تُو اپنے دِل کو شرارت سے پاک کر تاکہ تُو رہائی پائے۔ بُرے خیالات کب تک تیرے دِل میں رہیں گے؟
15 کیونکہ دان سے ایک آواز آتی ہے اور اِفرائِیم کے پہاڑ سے مُصِیبت کی خبر دیتی ہے۔ 16 قَوموں کو خبر دو۔ دیکھو یروشلیِم کی بابت مُنادی کرو کہ مُحاصرہ کرنے والے دُور کے مُلک سے آتے ہیں اور یہُوداؔہ کے شہروں کے مُقابِل للکاریں گے۔ 17 کھیت کے رکھوالوں کی مانِند وہ اُسے چاروں طرف سے گھیریں گے کیونکہ اُس نے مُجھ سے بغاوت کی خُداوند فرماتا ہے۔
18 تیری چال اور تیرے کاموں سے یہ مُصِیبت تُجھ پر آئی ہے۔ یہ تیری شرارت ہے۔ یہ بُہت تلخ ہے کیونکہ یہ تیرے دِل تک پُہنچ گئی ہے۔
یرمیاہ اپنے لوگوں کے لِئے غم کرتا ہے
19 ہائے میرا دِل! میرے پردۂِ دِل میں درد ہے۔
میرا دِل بے تاب ہے۔
مَیں چُپ نہیں رہ سکتا
کیونکہ اَے میری جان! تُو نے نرسِنگے کی آواز
اور لڑائی کی للکار سُن لی ہے۔
20 شِکست پر شِکست کی خبر آتی ہے۔
یقِیناً تمام مُلک برباد ہو گیا۔
میرے خَیمے ناگہان
اور میرے پردے ایک دم میں غارت کِئے گئے۔
21 مَیں کب تک یہ جھنڈا دیکُھوں
اور نرسِنگے کی آواز سنُوں؟
22 فی الحقِیقت میرے لوگ احمق ہیں۔
اُنہوں نے مُجھے نہیں پہچانا۔
وہ بے شعُور بچّے ہیں اور اِمتیاز نہیں رکھتے
بُرے کام کرنے میں ہوشیار ہیں
پر نیکوکاری کی سمجھ نہیں رکھتے۔
آنے والی تباہی کی رُویا
23 مَیں نے زمِین پر نظر کی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ
وِیران اور سُنسان ہے۔
افلاک کو بھی بے نُور پایا۔
24 مَیں نے پہاڑوں پر نِگاہ کی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ
وہ کانپ گئے
اور سب ٹِیلے مُتزلزل ہو گئے۔
25 مَیں نے نظر کی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ کوئی آدمی نہیں
اور سب ہوائی پرِندے اُڑ گئے۔
26 پِھر مَیں نے نظر کی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ زرخیز
زمِین بیابان ہو گئی
اور اُس کے سب شہر خُداوند کی حضُوری اور اُس
کے قہر کی شِدّت سے برباد ہو گئے۔
27 کیونکہ خُداوند فرماتا ہے کہ تمام مُلک وِیران ہو گا تَو بھی مَیں اُسے بِالکُل برباد نہ کرُوں گا۔
28 اِسی لِئے زمِین ماتم کرے گی
اور اُوپر سے آسمان تارِیک ہو جائے گا
کیونکہ مَیں کہہ چُکا۔
مَیں نے اِرادہ کِیا ہے۔
مَیں اُس سے پشیمان نہ ہُوں گا
اور اُس سے باز نہ آؤُں گا۔
29 سواروں اور تِیر اندازوں کے شور سے
تمام شہری بھاگ جائیں گے۔
وہ گھنے جنگلوں میں جا گُھسیں گے
اور چٹانوں پر چڑھ جائیں گے۔
سب شہر ترک کِئے جائیں گے
اور کوئی آدمی اُن میں نہ رہے گا۔
30 تب اَے غارت شُدہ! تُو کیا کرے گی؟
اگرچہ تُو لال جوڑا پہنے۔
اگرچہ تُو زرِّین زیوروں سے آراستہ ہو۔
اگرچہ تُو اپنی آنکھوں میں سُرمہ لگائے
تُو عبث اپنے آپ کو خُوب صُورت بنائے گی۔
تیرے عاشِق تُجھ کو حقِیر جانیں گے۔
وہ تیری جان کے طالِب ہوں گے۔
31 کیونکہ مَیں نے اُس عَورت کی سی آواز سُنی ہے
جِسے درد لگے ہوں
اور اُس کی سی درد ناک آواز جِس کے پہلا بچّہ پَیدا ہو
یعنی دُخترِ صِیُّون کی آواز جو ہانپتی
اور اپنے ہاتھ پَھیلا کر کہتی ہے
ہائے! قاتِلوں کے سامنے میری جان بے تاب ہے۔
یروشلیِم کا گُناہ
1 اب یروشلیِم کے کُوچوں میں اِدھر اُدھر گشت کرو
اور دیکھو اور دریافت کرو
اور اُس کے چَوکوں میں ڈُھونڈو
اگر کوئی آدمی وہاں مِلے جو اِنصاف کرنے والا
اور سچّائی کا طالِب ہو
تو مَیں اُسے مُعاف کرُوں گا۔
2 اور اگرچہ وہ کہتے ہیں زِندہ خُداوند کی قَسم تَو بھی یقِیناً وہ جُھوٹی قَسم کھاتے ہیں۔
3 اَے خُداوند! کیا تیری آنکھیں سچّائی پر نہیں ہیں؟
تُو نے اُن کو مارا ہے پر اُنہوں نے افسوس نہیں کِیا۔
تُو نے اُن کو غارت کِیا پر وہ تربِیّت پذِیر نہ ہُوئے۔
اُنہوں نے اپنے چِہروں کو چٹان سے بھی زِیادہ سخت بنایا۔
اُنہوں نے واپس آنے سے اِنکار کِیا ہے۔
4 تب مَیں نے کہا کہ یقِیناً یہ بیچارے جاہِل ہیں
کیونکہ یہ خُداوند کی راہ اور اپنے خُدا کے احکام کو نہیں جانتے۔
5 مَیں بزُرگوں کے پاس جاؤُں گا
اور اُن سے کلام کرُوں گا
کیونکہ وہ خُداوند کی راہ اور اپنے خُدا کے احکام کو جانتے ہیں
لیکن اِنہوں نے جُؤا بِالکُل توڑ ڈالا
اور بندھنوں کے ٹُکڑے کر ڈالے۔
6 اِس لِئے جنگل کا شیرِ بَبر اُن کو پھاڑے گا۔
بیابان کا بھیڑِیا اُن کو ہلاک کرے گا۔
چِیتا اُن کے شہروں کی گھات میں بَیٹھا رہے گا۔
جو کوئی اُن میں سے نِکلے پھاڑا جائے گا
کیونکہ اُن کی سرکشی بُہت ہُوئی اور اُن کی برگشتگی بڑھ گئی۔
7 مَیں تُجھے کیونکر مُعاف کرُوں؟
تیرے فرزندوں نے مُجھ کو چھوڑا اور اُن کی قَسم
کھائی جو خُدا نہیں ہیں۔
جب مَیں نے اُن کو سیر کِیا
تو اُنہوں نے بدکاری کی اور پرے باندھ کر
قحبہ خانوں میں اِکٹّھے ہُوئے۔
8 وہ پیٹ بھرے گھوڑوں کی مانِند ہو گئے۔
ہر ایک صُبح کے وقت اپنے پڑوسی کی بِیوی پر ہِنہنانے لگا۔
9 خُداوند فرماتا ہے کیا مَیں اِن باتوں کے لِئے سزا نہ دُوں گا
اور کیا میری رُوح اَیسی قَوم سے اِنتقام نہ لے گی؟
10 اُس کی دِیواروں پر چڑھ جاؤ اور توڑ ڈالو
لیکن بِالکُل برباد نہ کرو۔
اُس کی شاخیں کاٹ دو
کیونکہ وہ خُداوند کی نہیں ہیں۔
11 اِس لِئے کہ خُداوند فرماتا ہے
اِسرائیل کے گھرانے اور یہُوداؔہ کے گھرانے
نے مُجھ سے نِہایت بے وفائی کی۔
خُداوند اِسرائیل کو رَدّ کرتا ہے
12 اُنہوں نے خُداوند کا اِنکار کِیا اور کہا کہ وہ نہیں ہے۔ ہم پر ہرگِز آفت نہ آئے گی اور تلوار اور کال کو ہم نہ دیکھیں گے۔ 13 اور نبی محض ہوا ہو جائیں گے اور کلام اُن میں نہیں ہے۔ اُن کے ساتھ اَیسا ہی ہو گا۔ 14 پس اِس لِئے کہ تُم یُوں کہتے ہو خُداوند ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں اپنے کلام کو تیرے مُنہ میں آگ اور اِن لوگوں کو لکڑی بناؤُں گا۔ اور وہ اِن کو بھسم کر دے گی۔
15 اَے اِسرائیل کے گھرانے دیکھ مَیں ایک قَوم کو دُور سے تُجھ پر چڑھا لاؤُں گا خُداوند فرماتا ہے۔ وہ زبردست قَوم ہے۔ وہ قدِیم قَوم ہے۔ وہ اَیسی قَوم ہے جِس کی زُبان تُو نہیں جانتا اور اُن کی بات کو تُو نہیں سمجھتا۔ 16 اُن کے ترکش کُھلی قبریں ہیں۔ وہ سب بہادُر مَرد ہیں۔ 17 اور وہ تیری فصل کا اناج اور تیری روٹی جو تیرے بیٹوں اور بیٹِیوں کے کھانے کی تھی کھا جائیں گے۔ تیرے گائے بَیل اور تیری بھیڑ بکرِیوں کو چٹ کر جائیں گے۔ تیرے انگُور اور انجِیر نِگل جائیں گے۔ تیرے حصِین شہروں کو جِن پر تیرا بھروسا ہے تلوار سے وِیران کر دیں گے۔
18 لیکن خُداوند فرماتا ہے اُن ایّام میں بھی مَیں تُم کو بِالکُل برباد نہ کرُوں گا۔ 19 اور یُوں ہو گا کہ جب وہ کہیں گے کہ خُداوند ہمارے خُدا نے یہ سب کُچھ ہم سے کیوں کِیا؟ تو تُو اُن سے کہے گا کہ جِس طرح تُم نے مُجھے چھوڑ دِیا اور اپنے مُلک میں غَیر معبُودوں کی عِبادت کی اُسی طرح تُم اُس مُلک میں جو تُمہارا نہیں ہے اجنبِیوں کی خِدمت کرو گے۔
خُداوند اپنی اُمّت کو خبردار کرتا ہے
20 یعقُوب کے گھرانے میں اِس بات کا اِشتہار دو اور یہُوداؔہ میں اِس کی مُنادی کرو اور کہو۔ 21 اب ذرا سُنو اَے نادان اور بے عقل لوگو جو آنکھیں رکھتے ہو پر دیکھتے نہیں۔ جو کان رکھتے ہو پر سُنتے نہیں۔ 22 خُداوند فرماتا ہے کیا تُم مُجھ سے نہیں ڈرتے؟ کیا تُم میرے حضُور میں تھرتھراؤ گے نہیں جِس نے ریت کو سمُندر کی حد پر ابدی حُکم سے قائِم کِیا کہ وہ اُس سے آگے نہیں بڑھ سکتا اور ہر چند اُس کی لہریں اُچھلتی ہیں تَو بھی غالِب نہیں آتِیں اور ہر چند شور کرتی ہیں تَو بھی اُس سے تجاوُز نہیں کر سکتِیں؟ 23 لیکن اِن لوگوں کے دِل باغی اور سرکش ہیں۔ اِنہوں نے سرکشی کی اور دُور ہو گئے۔ 24 اِنہوں نے اپنے دِل میں نہ کہا کہ ہم خُداوند اپنے خُدا سے ڈریں جو پہلی اور پِچھلی برسات وقت پر بھیجتا ہے اور فصل کے مُقرّرہ ہفتوں کو ہمارے لِئے مَوجُود کر رکھتا ہے۔ 25 تُمہاری بدکرداری نے اِن چِیزوں کو تُم سے دُور کر دِیا اور تُمہارے گُناہوں نے اچّھی چِیزوں کو تُم سے باز رکھّا۔
26 کیونکہ میرے لوگوں میں شرِیر پائے جاتے ہیں۔ وہ پھندا لگانے والوں کی مانِند گھات میں بَیٹھتے ہیں۔ وہ جال پَھیلاتے اور آدمِیوں کو پکڑتے ہیں۔ 27 جَیسے پِنجرا چِڑیوں سے بھرا ہو وَیسے ہی اُن کے گھر مکر سے پُر ہیں۔ پس وہ بڑے اور مال دار ہو گئے۔ 28 وہ موٹے ہو گئے۔ وہ چِکنے ہیں۔ وہ بُرے کاموں میں سبقت لے جاتے ہیں۔ وہ فریاد یعنی یتِیموں کی فریاد نہیں سُنتے تاکہ اُن کا بھلا ہو اور مُحتاجوں کا اِنصاف نہیں کرتے۔
29 خُداوند فرماتا ہے کیا مَیں اِن باتوں کے لِئے سزا نہ دُوں گا؟ اور کیا میری رُوح اَیسی قَوم سے اِنتقام نہ لے گی؟ 30 مُلک میں ایک حَیرت افزا اور ہَولناک بات ہُوئی۔ 31 نبی جُھوٹی نبُوّت کرتے ہیں اور کاہِن اُن کے وسِیلہ سے حُکمرانی کرتے ہیں اور میرے لوگ اَیسی حالت کو پسند کرتے ہیں۔ اب تُم اِس کے آخِر میں کیا کرو گے؟
یروشلیِم دُشمنوں کے مُحاصرہ میں
1 اَے بنی بِنیمِین یروشلیِم میں سے پناہ کے لِئے بھاگ نِکلو اور تقُوؔع میں نرسِنگا پُھونکو اور بَیت ہکّرم میں آتِشِین علَم بُلند کرو کیونکہ شِمال کی طرف سے بلا اور بڑی تباہی آنے والی ہے۔ 2 مَیں دُخترِ صِیُّون کو جو شکِیل اور نازنِین ہے ہلاک کرُوں گا۔ 3 چرواہے اپنے گلّوں کو لے کر اُس کے پاس آئیں گے اور گِرداگِرد اُس کے مُقابِل خَیمے کھڑے کریں گے۔ ہر ایک اپنی جگہ میں چرائے گا۔ 4 اُس سے جنگ کے لِئے اپنے آپ کو مخصُوص کرو۔ اُٹھو دوپہر ہی کو چڑھ چلیں۔ ہم پر افسوس کیونکہ دِن ڈھلتا جاتا ہے اور شام کا سایہ بڑھتا جاتا ہے۔ 5 اُٹھو رات ہی کو چڑھ چلیں اور اُس کے قصروں کو ڈھا دیں۔
6 کیونکہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ درخت کاٹ ڈالو اور یروشلیِم کے مُقابِل دمدمہ باندھو۔ یہ شہر سزا کا سزاوار ہے۔ اِس میں ظُلم ہی ظُلم ہے۔ 7 جِس طرح پانی چشمہ سے پُھوٹ نِکلتا ہے اُسی طرح شرارت اِس سے جاری ہے۔ ظُلم اور سِتم کی صدا اِس میں سُنی جاتی ہے۔ ہر دم میرے سامنے دُکھ درد اور زخم ہیں۔ 8 اَے یروشلیِم! تربِیّت پذِیر ہو تا نہ ہو کہ میرا دِل تُجھ سے ہٹ جائے۔ نہ ہو کہ مَیں تُجھے وِیران اور غَیر آباد زمِین بنا دُوں۔
گردن کَش اِسرائیل
9 ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ وہ اِسرائیل کے بقِیّہ کو انگُور کی مانِند ڈُھونڈ کر توڑ لیں گے۔ تُو انگُور توڑنے والے کی طرح پِھر اپنا ہاتھ شاخوں میں ڈال۔
10 مَیں کِس سے کہُوں اور کِس کو جتاؤُں تاکہ وہ سُنیں؟ دیکھ اُن کے کان نامختُون ہیں اور وہ سُن نہیں سکتے۔ دیکھ خُداوند کا کلام اُن کے لِئے حقارت کا باعِث ہے۔ وہ اُس سے خُوش نہیں ہوتے۔ 11 اِس لِئے مَیں خُداوند کے قہر سے لبریز ہُوں۔ مَیں اُسے ضبط کرتے کرتے تنگ آ گیا۔
بازاروں میں بچّوں پر اور جوانوں کی جماعت پر اُسے اُنڈیل دے کیونکہ شَوہر اپنی بِیوی کے ساتھ اور بُوڑھا کُہن سال کے ساتھ گرِفتار ہو گا۔ 12 اور اُن کے گھر کھیتوں اور بِیوِیوں سمیت اَوروں کے ہو جائیں گے کیونکہ خُداوند فرماتا ہے مَیں اپنا ہاتھ اِس مُلک کے باشِندوں پر بڑھاؤُں گا۔ 13 اِس لِئے کے چھوٹوں سے بڑوں تک سب کے سب لالچی ہیں اور نبی سے کاہِن تک ہر ایک دغاباز ہے۔ 14 کیونکہ وہ میرے لوگوں کے زخم کو یُوں ہی سلامتی سلامتی کہہ کر اچّھا کرتے ہیں حالانکہ سلامتی نہیں ہے۔ 15 کیا وہ اپنے مکرُوہ کاموں کے سبب سے شرمِندہ ہُوئے؟ وہ ہرگِز شرمِندہ نہ ہُوئے بلکہ وہ لجائے تک نہیں اِس واسطے وہ گِرنے والوں کے ساتھ گِریں گے۔ خُداوند فرماتا ہے جب مَیں اُن کو سزا دُوں گا تو پست ہو جائیں گے۔
بنی اِسرائیل خُداوند کی راہ کو رَدّ کرتے ہیں
16 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ راستوں پر کھڑے ہو اور دیکھو اور پُرانے راستوں کی بابت پُوچھو کہ اچّھی راہ کہاں ہے؟ اُسی پر چلو اور تُمہاری جان راحت پائے گی
پر اُنہوں نے کہا ہم اُس پر نہ چلیں گے۔ 17 اور مَیں نے تُم پر نِگہبان بھی مُقرّر کِئے اور کہا نرسِنگے کی آواز سُنو پر اُنہوں نے کہا ہم نہ سُنیں گے۔
18 اِس لِئے اَے قَومو سُنو! اور اَے اہلِ مجمع معلُوم کرو کہ اُن کی کیا حالت ہے۔ 19 اَے زمِین سُن! دیکھ مَیں اِن لوگوں پر آفت لاؤُں گا جو اِن کے اندیشوں کا پَھل ہے کیونکہ اِنہوں نے میرے کلام کو نہیں مانا اور میری شرِیعت کو ردّ کر دِیا ہے۔ 20 اِس سے کیا فائِدہ کہ سبا سے لُبان اور دُور کے مُلک سے اگر میرے حضُور لاتے ہیں؟ تُمہاری سوختنی قُربانِیاں مُجھے پسند نہیں اور تُمہارے ذبِیحوں سے مُجھے خُوشی نہیں۔ 21 اِس لِئے خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں ٹھوکر کِھلانے والی چِیزیں اِن لوگوں کی راہ میں رکھ دُوں گا اور باپ اور بیٹے باہم اُن سے ٹھوکر کھائیں گے ہمسائے اور اُن کے دوست ہلاک ہوں گے۔
شِمال کی طرف سے یلغار
22 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ شِمالی مُلک سے ایک گُروہ آتی ہے اور اِنتِہایِ زمِین سے ایک بڑی قَوم برانگیختہ کی جائے گی۔ 23 وہ تِیرانداز و نیزہ باز ہیں۔ وہ سنگ دِل اور بے رحم ہیں۔ اُن کے نعروں کی صدا سمُندر کی سی ہے اور وہ گھوڑوں پر سوار ہیں۔ اَے دُخترِ صِیُّون! وہ جنگی مَردوں کی مانِند تیرے مُقابِل صف آرائی کرتے ہیں۔
24 ہم نے اِس کی شُہرت سُنی ہے۔ ہمارے ہاتھ ڈِھیلے ہو گئے ہم زچّہ کی مانِند مُصِیبت اور درد میں گرِفتار ہیں۔ 25 مَیدان میں نہ نِکلنا اور سڑک پر نہ جانا کیونکہ ہر طرف دُشمن کی تلوار کا خَوف ہے۔
26 اَے میری بِنتِ قَوم! ٹاٹ اُوڑھ اور راکھ میں لیٹ۔ اپنے اِکلوتوں پر ماتم اور دِل خراش نَوحہ کر کیونکہ غارت گر ہم پر اچانک آئے گا۔ 27 مَیں نے تُجھے اپنے لوگوں میں پرکھنے والا اور بُرج مُقرّر کِیا تاکہ تُو اُن کی روِشوں کو معلُوم کرے اور پرکھے۔ 28 وہ سب کے سب نِہایت سرکش ہیں۔ وہ غِیبت کرتے ہیں۔ وہ تو تانبا اور لوہا ہیں۔ وہ سب کے سب مُعاملہ کے کھوٹے ہیں۔ 29 دَھونکنی جل گئی۔ سِیسا آگ سے بھسم ہو گیا۔ صاف کرنے والے نے بے فائِدہ صاف کِیا کیونکہ شرِیر الگ نہیں ہُوئے۔ 30 وہ مردُود چاندی کہلائیں گے کیونکہ خُداوند نے اُن کو ردّ کر دِیا ہے۔
یرمِیاہ ہَیکل میں مُنادی کرتا ہے
1 یہ وہ کلام ہے جو خُداوند کی طرف سے یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا اور اُس نے فرمایا۔ 2 تُو خُداوند کے گھر کے پھاٹک پر کھڑا ہو اور وہاں اِس کلام کا اِشتِہار دے اور کہہ اَے یہُوداؔہ کے سب لوگو جو خُداوند کی عِبادت کے لِئے اِن پھاٹکوں سے داخِل ہوتے ہو خُداوند کا کلام سُنو! 3 ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ اپنی روِشیں اور اپنے اَعمال درُست کرو تو مَیں تُم کو اِس مکان میں بساؤُں گا۔ 4 جُھوٹی باتوں پر بھروسا نہ کرو اور یُوں نہ کہتے جاؤ کہ یہ ہے خُداوند کی ہَیکل۔ خُداوند کی ہَیکل۔ خُداوند کی ہَیکل۔
5 کیونکہ اگر تُم اپنی روِشیں اور اپنے اَعمال سراسر درُست کرو۔ اگر ہر آدمی اور اُس کے ہمسایہ میں پُورا اِنصاف کرو۔ 6 اگر پردیسی اور یتِیم اور بیوہ پر ظُلم نہ کرو اور اِس مکان میں بے گُناہ کا خُون نہ بہاؤ اور غَیر معبُودوں کی پَیروی جِس میں تُمہارا نُقصان ہے نہ کرو۔ 7 تو مَیں تُم کو اِس مکان میں اور اِس مُلک میں بساؤُں گا جو مَیں نے تُمہارے باپ دادا کو قدِیم سے ہمیشہ کے لِئے دِیا۔
8 دیکھو تُم جُھوٹی باتوں پر جو بے فائِدہ ہیں بھروسا کرتے ہو۔ 9 کیا تُم چوری کرو گے۔ خُون کرو گے۔ زِناکاری کرو گے جُھوٹی قَسم کھاؤ گے اور بعل کے لِئے بخُور جلاؤ گے اور غَیر معبُودوں کی جِن کو تُم نہیں جانتے تھے پَیروی کرو گے۔ 10 اور میرے حضُور اِس گھر میں جو میرے نام سے کہلاتا ہے آ کر کھڑے ہو گے اور کہو گے کہ ہم نے خلاصی پائی تاکہ یہ سب نفرتی کام کرو؟ 11 کیا یہ گھر جو میرے نام سے کہلاتا ہے تُمہاری نظر میں ڈاکُوؤں کا غار بن گیا؟ دیکھ خُداوند فرماتا ہے مَیں نے خُود یہ دیکھا ہے۔ 12 پس اب میرے اُس مکان کو جاؤ جو سَیلا میں تھا۔ جِس پر پہلے مَیں نے اپنے نام کو قائِم کِیا تھا اور دیکھو کہ مَیں نے اپنے لوگوں یعنی بنی اِسرائیل کی شرارت کے سبب سے اُس سے کیا کِیا۔ 13 اور خُداوند فرماتا ہے اب چُونکہ تُم نے یہ سب کام کِئے مَیں نے بر وقت تُم کو کہا اور تاکِید کی پر تُم نے نہ سُنا اور مَیں نے تُم کو بُلایا پر تُم نے جواب نہ دِیا۔ 14 اِس لِئے مَیں اِس گھر سے جو میرے نام سے کہلاتا ہے جِس پر تُمہارا اِعتماد ہے اور اِس مکان سے جِسے مَیں نے تُم کو اور تُمہارے باپ دادا کو دِیا وُہی کرُوں گا جو مَیں نے سَیلا سے کِیا ہے۔ 15 اور مَیں تُم کو اپنے حضُور سے نِکال دُوں گا جِس طرح تُمہاری ساری برادری اِفرائِیم کی کُل نسل کو نِکال دِیا ہے۔
اِسرائیلی قَوم کی نافرمانی
16 پس تُو اِن لوگوں کے لِئے دُعا نہ کر اور اِن کے واسطے آواز بُلند نہ کر اور مُجھ سے مِنّت اور شِفاعت نہ کر کیونکہ مَیں تیری نہ سنُوں گا۔ 17 کیا تُو نہیں دیکھتا کہ وہ یہُوداؔہ کے شہروں میں اور یروشلیِم کے کُوچوں میں کیا کرتے ہیں؟ 18 بچّے لکڑی جمع کرتے ہیں اور باپ آگ سُلگاتے ہیں اور عَورتیں آٹا گُوندھتی ہیں تاکہ آسمان کی ملِکہ کے لِئے روٹِیاں پکائیں اور غَیر معبُودوں کے لِئے تپاون تپا کر مُجھے غضب ناک کریں۔ 19 خُداوند فرماتا ہے کیا وہ مُجھ ہی کو غضب ناک کرتے ہیں؟ کیا وہ اپنی ہی رُوسِیاہی کے لِئے نہیں کرتے؟ 20 اِسی واسطے خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ میرا قہر و غضب اِس مکان پر اور اِنسان اور حَیوان اور مَیدان کے درختوں پر اور زمِین کی پَیداوار پر اُنڈیل دِیا جائے گا اور وہ بھڑکے گا اور بُجھے گا نہیں۔
21 ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ اپنے ذبِیحوں پر اپنی سوختنی قُربانِیاں بھی بڑھاؤ اور گوشت کھاؤ۔ 22 کیونکہ جِس وقت مَیں تُمہارے باپ دادا کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال لایا اُن کو سوختنی قُربانی اور ذبِیحہ کی بابت کُچھ نہیں کہا اور حُکم نہیں دِیا۔ 23 بلکہ مَیں نے اُن کو یہ حُکم دِیا اور فرمایا کہ میری آواز کے شِنوا ہو اور مَیں تُمہارا خُدا ہُوں گا اور تُم میرے لوگ ہو گے اور جِس راہ کی مَیں تُم کو ہدایت کرُوں اُس پر چلو تاکہ تُمہارا بھلا ہو۔ 24 لیکن اُنہوں نے نہ سُنا نہ کان لگایا بلکہ اپنی مصلحتوں اور اپنے بُرے دِل کی سختی پر چلے اور برگشتہ ہُوئے اور آگے نہ بڑھے۔ 25 جب سے تُمہارے باپ دادا مُلکِ مِصرؔ سے نِکل آئے اب تک مَیں نے تُمہارے پاس اپنے سب خادِموں یعنی نبِیوں کو بھیجا۔ مَیں نے اُن کو ہمیشہ بر وقت بھیجا۔ 26 لیکن اُنہوں نے میری نہ سُنی اور کان نہ لگایا بلکہ اپنی گردن سخت کی۔ اُنہوں نے اپنے باپ دادا سے بڑھ کر بُرائی کی۔
27 تُو یہ سب باتیں اُن سے کہے گا لیکن وہ تیری نہ سُنیں گے۔ تُو اُن کو بُلائے گا لیکن وہ تُجھے جواب نہ دیں گے۔ 28 پس تُو اُن سے کہہ دے کہ یہ وہ قَوم ہے جو خُداوند اپنے خُدا کی آواز کی شِنوا اور تربِیّت پذِیر نہ ہُوئی۔ سچّائی نیست ہو گئی اور اُن کے مُنہ سے جاتی رہی۔
ہنُّوم کی وادی میں بدکاریاں
29 اپنے بال کاٹ کر پھینک دے
اور پہاڑوں پر جا کر نَوحہ کر
کیونکہ خُداوند نے اُن لوگوں کو جِن پر اُس کا قہر ہے
رَدّ اور ترک کر دِیا ہے۔
30 اِس لِئے کہ بنی یہُوداؔہ نے میری نظر میں بُرائی کی۔ خُداوند فرماتا ہے اُنہوں نے اُس گھر میں جو میرے نام سے کہلاتا ہے اپنی مکرُوہات رکھّیں تاکہ اُسے ناپاک کریں۔ 31 اور اُنہوں نے تُوفت کے اُونچے مقام بِن ہنُّوؔم کی وادی میں بنائے تاکہ اپنے بیٹوں اور بیٹِیوں کو آگ میں جلائیں جِس کا مَیں نے حُکم نہیں دِیا اور میرے دِل میں اِس کا خیال بھی نہ آیا تھا۔ 32 اِس لِئے خُداوند فرماتا ہے دیکھ وہ دِن آتے ہیں کہ یہ نہ تُوفت کہلائے گی نہ بِن ہنُّوؔم کی وادی بلکہ وادیِ قتل اور جگہ نہ ہونے کے سبب سے تُوفت میں دفن کریں گے۔ 33 اور اِس قَوم کی لاشیں ہوائی پرِندوں اور زمِین کے درِندوں کی خُوراک ہوں گی اور اُن کو کوئی نہ ہنکائے گا۔ 34 تب مَیں یہُوداؔہ کے شہروں میں اور یروشلیِم کے بازاروں میں خُوشی اور شادمانی کی آواز۔ دُلہے اور دُلہن کی آواز مَوقُوف کرُوں گا کیونکہ یہ مُلک وِیران ہو جائے گا۔
1 خُداوند فرماتا ہے کہ اُس وقت وہ یہُوداؔہ کے بادشاہوں اور اُس کے سرداروں اور کاہِنوں اور نبِیوں اور یروشلیِم کے باشِندوں کی ہڈِّیاں اُن کی قبروں سے نِکال لائیں گے۔ 2 اور اُن کو سُورج اور چاند اور تمام اجرامِ فلک کے سامنے جِن کو وہ دوست رکھتے اور جِن کی خِدمت و پَیروی کرتے تھے جِن سے وہ صلاح لیتے تھے اور جِن کو سِجدہ کرتے تھے بِچھائیں گے۔ وہ نہ جمع کی جائیں گی نہ دفن ہوں گی بلکہ رُویِ زمِین پر کھاد بنیں گی۔ 3 اور وہ سب لوگ جو اِس بُرے گھرانے میں سے باقی بچ رہیں گے اُن سب مکانوں میں جہاں جہاں مَیں اُن کو ہانک دُوں مَوت کو زِندگی سے زِیادہ چاہیں گے ربُّ الافواج فرماتا ہے۔
گُناہ اور سزا
4 اور تُو اُن سے کہہ دے کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کیا لوگ گِر کر پِھر نہیں اُٹھتے؟ کیا کوئی برگشتہ ہو کر واپس نہیں آتا؟ 5 پِھر یروشلیِم کے یہ لوگ کیوں ہمیشہ کی برگشتگی پر اڑے ہیں؟ وہ مکر سے لِپٹے رہتے ہیں اور واپس آنے سے اِنکار کرتے ہیں۔ 6 مَیں نے کان لگایا اور سُنا۔ اُن کی باتیں ٹِھیک نہیں۔ کِسی نے اپنی بُرائی سے تَوبہ کر کے نہیں کہا کہ مَیں نے کیا کِیا؟ ہر ایک اپنی راہ کو پِھرتا ہے جِس طرح گھوڑا لڑائی میں سرپٹ دَوڑتا ہے۔ 7 ہاں ہوائی لقلق اپنے مُقرّرہ وقتوں کو جانتا ہے اور قُمری اور ابابِیل اور کُلنگ اپنے آنے کا وقت پہچان لیتے ہیں لیکن میرے لوگ خُداوند کے احکام کو نہیں پہچانتے۔ 8 تُم کیونکر کہتے ہو کہ ہم تو دانِش مند ہیں اور خُداوند کی شرِیعت ہمارے پاس ہے؟ لیکن دیکھ لِکھنے والوں کے باطِل قلم نے بطالت پَیدا کی ہے۔ 9 دانِش مند شرمِندہ ہُوئے۔ وہ حَیران ہُوئے اور پکڑے گئے۔ دیکھ اُنہوں نے خُداوند کے کلام کو رَدّ کِیا۔ اُن میں کَیسی دانائی ہے؟ 10 پس مَیں اُن کی بِیویاں اَوروں کو اور اُن کے کھیت اُن کو دُوں گا جو اُن پر قابِض ہوں گے کیونکہ وہ سب چھوٹے سے بڑے تک لالچی ہیں اور نبی سے کاہِن تک ہر ایک دغاباز ہے۔ 11 اور وہ میری بِنتِ قَوم کے زخم کو یُوں ہی سلامتی سلامتی کہہ کر اچّھا کرتے ہیں حالانکہ سلامتی نہیں ہے۔ 12 کیا وہ اپنے مکرُوہ کاموں کے سبب سے شرمِندہ ہُوئے؟ وہ ہرگِز شرمِندہ نہ ہُوئے بلکہ وہ لجائے تک نہیں۔ اِس واسطے وہ گِرنے والوں کے ساتھ گِریں گے۔ خُداوند فرماتا ہے جب اُن کو سزا مِلے گی تو وہ پست ہو جائیں گے۔
13 خُداوند فرماتا ہے کہ مَیں اُن کو بِالکُل فنا کرُوں گا۔ نہ تاک میں انگُور لگیں گے اور نہ انجِیر کے درخت میں انجِیر بلکہ پتّے بھی سُوکھ جائیں گے اور جو کُچھ مَیں نے اُن کو دِیا جاتا رہے گا۔
14 ہم کیوں چُپ چاپ بَیٹھے ہیں؟ آؤ اِکٹّھے ہو کر مُحکم شہروں میں بھاگ چلیں اور وہاں چُپ ہو رہیں کیونکہ خُداوند ہمارے خُدا نے ہم کو چُپ کرایا اور ہم کو اِندراین کا پانی پِینے کو دِیا ہے۔ اِس لِئے کہ ہم خُداوند کے گُنہگار ہیں۔ 15 سلامتی کا اِنتِظار تھا پر کُچھ فائِدہ نہ ہُؤا اور شِفا کے وقت کا پر دیکھو دہشت! 16 اُس کے گھوڑوں کے فرّانے کی آواز دان سے سُنائی دیتی ہے۔ اُس کے جنگی گھوڑوں کے ہِنہنانے کی آواز سے تمام زمِین کانپ گئی کیونکہ وہ آ پُہنچے ہیں اور زمِین کو اور سب کُچھ جو اُس میں ہے اور شہر کو بھی اُس کے باشِندوں سمیت کھا جائیں گے۔
17 کیونکہ خُداوند فرماتا ہے دیکھو مَیں تُمہارے درمِیان سانپ اور افعی بھیجُوں گا جِن پر منتر کارگر نہ ہو گا اور وہ تُم کو کاٹیں گے۔
یَرمِیاہ اپنے لوگوں کے لِئے غم کرتا ہے
18 کاش کہ مَیں غم سے تسلّی پاتا!
میرا دِل مُجھ میں سُست ہو گیا۔
19 دیکھ میری بِنتِ قَوم کے نالہ کی آواز دُور کے مُلک سے آتی ہے۔
کیا خُداوند صِیُّون میں نہیں؟
کیا اُس کا بادشاہ اُس میں نہیں؟
اُنہوں نے کیوں اپنی تراشی ہُوئی مُورتوں سے
اور بے گانہ معبُودوں سے مُجھ کو غضب ناک کِیا؟
20 فصل کاٹنے کا وقت گُذرا۔ گرمی کے ایّام تمام ہُوئے
اور ہم نے رہائی نہیں پائی۔
21 اپنی بِنتِ قَوم کی شِکستگی کے سبب سے مَیں شِکستہ حال ہُؤا۔
مَیں کُڑھتا رہتا ہُوں۔ حَیرت نے مُجھے دبا لِیا۔
22 کیا جِلعاد میں رَوغنِ بلسان نہیں ہے؟
کیا وہاں کوئی طبِیب نہیں؟
میری بِنتِ قَوم کیوں شِفا نہیں پاتی؟
1 کاش کہ میرا سر پانی ہوتا
اور میری آنکھیں آنسُوؤں کا چشمہ
تاکہ مَیں اپنی بِنتِ قَوم کے مقتُولوں پر
شب و روز ماتم کرتا!
2 کاش کہ میرے لِئے بیابان میں مُسافِر خانہ ہوتا
تاکہ مَیں اپنی قَوم کو چھوڑ دیتا اور اُن میں سے نِکل جاتا!
کیونکہ وہ سب بدکار اور دغاباز جماعت ہیں۔
3 وہ اپنی زُبان کو ناراستی کی کمان بناتے ہیں۔
وہ مُلک میں زورآور ہو گئے ہیں لیکن راستی کے لِئے نہیں
کیونکہ وہ بُرائی سے بُرائی تک بڑھتے جاتے ہیں
اور مُجھ کو نہیں جانتے خُداوند فرماتا ہے۔
4 ہر ایک اپنے ہمسایہ سے ہوشیار رہے
اور تُم کِسی بھائی پر اِعتماد نہ کرو
کیونکہ ہر ایک بھائی دغابازی سے دُوسرے کی جگہ لے لے گا
اور ہر ایک ہمسایہ غَیبت کرتا پِھرے گا۔
5 اور ہر ایک اپنے ہمسایہ کو فریب دے گا
اور سچ نہ بولے گا۔
اُنہوں نے اپنی زُبان کو جُھوٹ بولنا سِکھایا ہے
اور بدکرداری میں جانفشانی کرتے ہیں۔
6 تیرا مسکن فریب کے درمِیان ہے۔
خُداوند فرماتا ہے فریب ہی سے وہ مُجھ کو جاننے سے اِنکار کرتے ہیں۔
7 اِس لِئے ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ
دیکھ مَیں اُن کو پِگھلا ڈالُوں گا
اور اُن کو آزماؤُں گا
کیونکہ اپنی بِنتِ قَوم سے اَور کیا کرُوں؟
8 اُن کی زُبان مُہلِک تِیر ہے۔
اُس سے دغا کی باتیں نِکلتی ہیں۔
اپنے ہمسایہ کو مُنہ سے تو سلام کہتے ہیں
پر باطِن میں اُس کی گھات میں بَیٹھتے ہیں۔
9 خُداوند فرماتا ہے کیا مَیں اِن باتوں کے لِئے اُن کو سزا نہ دُوں گا؟
کیا میری رُوح اَیسی قَوم سے اِنتِقام نہ لے گی؟
10 مَیں پہاڑوں کے لِئے گِریہ و زاری
اور بیابان کی چراگاہوں کے لِئے نَوحہ کرُوں گا
کیونکہ وہ یہاں تک جل گئِیں کہ کوئی اُن میں قدم نہیں رکھتا۔
چَوپایوں کی آواز سُنائی نہیں دیتی۔
ہوا کے پرِندے اور مویشی بھاگ گئے۔ وہ چلے گئے۔
11 مَیں یروشلیِم کو کھنڈر
اور گِیدڑوں کا مسکن بنا دُوں گا
اور یہُوداؔہ کے شہروں کو اَیسا وِیران کرُوں گا کہ
کوئی باشِندہ نہ رہے گا۔
12 صاحِبِ حِکمت آدمی کَون ہے کہ اِسے سمجھے؟ اور وہ جِس سے خُداوند کے مُنہ نے فرمایا کہ اِس بات کا اِعلان کرے؟ کہ یہ سرزمِین کِس لِئے وِیران ہُوئی اور بیابان کی مانِند جل گئی کہ کوئی اِس میں قدم نہیں رکھتا؟
13 اور خُداوند فرماتا ہے اِس لِئے کہ اُنہوں نے میری شرِیعت کو جو مَیں نے اُن کے آگے رکھّی تھی ترک کر دِیا اور میری آواز کو نہ سُنا اور اُس کے مُطابِق نہ چلے۔ 14 بلکہ اُنہوں نے اپنے ہٹّی دِلوں کی اور بعلیم کی پَیروی کی جِس کی اُن کے باپ دادا نے اُن کو تعلِیم دی تھی۔ 15 اِس لِئے ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں اِن کو ہاں اِن لوگوں کو ناگدَونا کھِلاؤُں گا اور اِندراین کا پانی پِلاؤُں گا۔ 16 اور اِن کو اُن قَوموں میں جِن کو نہ یہ نہ اِن کے باپ دادا جانتے تھے تِتّربِتّر کرُوں گا اور تلوار اِن کے پِیچھے بھیج کر اِن کو نابُود کر ڈالُوں گا۔
یروشلیِم کے باشندے مدد کے لِئے پُکارتے ہیں
17 ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ
سوچو اور ماتم کرنے والی عَورتوں کو بُلاؤ کہ آئیں
اور ماہِر عَورتوں کو بُلوا بھیجو کہ وہ بھی
آئیں۔
18 اور جلدی کریں اور ہمارے لِئے نَوحہ اُٹھائیں
تاکہ ہماری آنکھوں سے آنسُو جاری ہوں اور
ہماری پلکوں سے سَیلابِ اشک بہہ نِکلے۔
19 یقِیناً صِیُّون سے نَوحہ کی آواز سُنائی دیتی ہے۔
ہم کَیسے غارت ہُوئے!
ہم سخت رُسوا ہُوئے
کیونکہ ہم وطن سے آوارہ ہُوئے اور ہمارے گھر گِرا دِئے گئے۔
20 اَے عَورتو! خُداوند کا کلام سُنو
اور تُمہارے کان اُس کے مُنہ کی بات قبُول کریں
اور تُم اپنی بیٹِیوں کو نَوحہ گری
اور اپنی پڑوسنوں کو مرثِیہ خوانی سِکھاؤ۔
21 کیونکہ مَوت ہماری کِھڑکیوں میں چڑھ آئی ہے
اور ہمارے قصروں میں گُھس بَیٹھی ہے
تاکہ باہر بچّوں کو
اور بازاروں میں جوانوں کو کاٹ ڈالے۔
22 کہہ دے خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ
آدمِیوں کی لاشیں مَیدان میں
کھاد کی طرح گِریں گی
اور اُس مُٹّھی بھر کی مانِند ہوں گی جو فصل کانٹے
والے کے پِیچھے رہ جائے
جِسے کوئی جمع نہیں کرتا۔
23 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ
نہ صاحِبِ حِکمت اپنی حِکمت پر
اور نہ قَوی اپنی قُوّت پر
اور نہ مال دار اپنے مال پر فخر کرے۔
24 لیکن جو فخر کرتا ہے
اِس پر فخر کرے کہ وہ سمجھتا اور مُجھے جانتا ہے
کہ مَیں ہی خُداوند ہُوں جو دُنیا میں شفقت و عدل
اور راست بازی کو عمل میں لاتا ہُوں
کیونکہ میری خُوشنُودی اِن ہی باتوں میں ہے
خُداوند فرماتا ہے۔
25 دیکھ وہ دِن آتے ہیں خُداوند فرماتا ہے جب مَیں سب مختُونوں کو نامختُونوں کے طَور پر سزا دُوں گا۔ 26 مِصرؔ اور یہُوداؔہ اور ادُوؔم اور بنی عمُّون اور موآب کو اور اُن سب کو جو گاؤ دُم داڑھی رکھتے ہیں جو بیابان کے باشِندے ہیں کیونکہ یہ سب قَومیں نامختُون ہیں اور اِسرائیل کا سارا گھرانا دِل کا نامختُون ہے۔
بُت پرستی اور حقِیقی پرستِش کا موازنہ
1 اَے اِسرائیل کے گھرانے! وہ کلام جو خُداوند تُم سے کرتا ہے سُنو۔ 2 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ
تُم دِیگر اقوام کی روِش نہ سِیکھو
اور آسمانی علامات سے ہِراسان نہ ہو
اگرچہ دِیگر اقوام اُن سے ہِراسان ہوتی ہیں۔
3 کیونکہ اُن کے آئِین بطالت ہیں
چُنانچہ کوئی جنگل میں کُلہاڑی سے درخت کاٹتا ہے
جو بڑھئی کے ہاتھ کا کام ہے۔
4 وہ اُسے چاندی اور سونے سے آراستہ کرتے ہیں
اور اُس میں ہتھوڑوں سے میخیں لگا کر اُسے
مضبُوط کرتے ہیں تاکہ قائِم رہے۔
5 وہ کھجُور کی مانِند مخرُوطی سُتُون ہیں
پر بولتے نہیں۔
اُن کو اُٹھا کر لے جانا پڑتا ہے
کیونکہ وہ چل نہیں سکتے۔
اُن سے نہ ڈرو
کیونکہ وہ نُقصان نہیں پُہنچا سکتے اور اُن سے
فائِدہ بھی نہیں پُہنچ سکتا۔
6 اَے خُداوند! تیرا کوئی نظِیر نہیں۔ تُو عظِیم ہے
اور قُدرت کے سبب سے تیرا نام بزُرگ ہے۔
7 اَے قَوموں کے بادشاہ! کَون ہے جو تُجھ سے نہ ڈرے؟
یقِیناً یہ تُجھ ہی کو زیبا ہے
کیونکہ قَوموں کے سب حکِیموں میں اور اُن کی
تمام مُملکتوں میں تیرا ہمتا کوئی نہیں۔
8 مگر وہ سب حَیوانِ خصلت اور احمق ہیں۔
بُتوں کی تعلِیم کیا۔ وہ تو لکڑی ہیں!
9 ترسِیس سے چاندی کا پِیٹا ہُؤا پتّر
اور اُوفاؔز سے سونا آتا ہے
جو کارِیگر کی کارِیگری اور سُنار کی دست کاری ہے۔
اُن کا لِباس نِیلا اور ارغوانی ہے
اور یہ سب کُچھ ماہِر اُستادوں کی دست کاری ہے۔
10 لیکن خُداوند سچّا خُدا ہے۔
وہ زِندہ خُدا
اور ابدی بادشاہ ہے۔
اُس کے قہر سے زمِین تھرتھراتی ہے
اور قَوموں میں اُس کے قہر کی تاب نہیں۔
11 تُم اُن سے یُوں کہنا کہ یہ معبُود جِنہوں نے آسمان اور زمِین کو نہیں بنایا زمِین پر سے اور آسمان کے نِیچے سے نیست ہو جائیں گے۔
خُداوند کی سِتایش کا گِیت
12 اُسی نے اپنی قُدرت سے زمِین کو بنایا۔
اُسی نے اپنی حِکمت سے جہان کو قائِم کِیا
اور اپنی عقل سے آسمان کو تان دِیا ہے۔
13 اُس کی آواز سے آسمان میں پانی کی فراوانی ہوتی ہے
اور وہ زمِین کی اِنتِہا سے بُخارات اُٹھاتا ہے۔
وہ بارِش کے لِئے بِجلی چمکاتا ہے
اور اپنے خزانوں سے ہوا چلاتا ہے۔
14 ہر آدمی حَیوانِ خصلت اور بے عِلم ہو گیا ہے۔
ہر ایک سُنار اپنی کھودی ہُوئی مُورت سے رُسوا ہے
کیونکہ اُس کی ڈھالی ہُوئی مُورت باطِل ہے۔
اُن میں دَم نہیں۔
15 وہ باطِل فعلِ فریب ہیں۔
سزا کے وقت برباد ہو جائیں گی۔
16 یعقُوبؔ کا بخرہ اُن کی مانِند نہیں
کیونکہ وہ سب چِیزوں کا خالِق ہے
اور اِسرائیل اُس کی مِیراث کا عصا ہے۔
ربُّ الافواج اُس کا نام ہے۔
آنے والی اَسیِری
17 اَے مُحاصرہ میں رہنے والی! زمِین پر سے اپنی گٹھری اُٹھا لے۔ 18 کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں اِس مُلک کے باشِندوں کو اب کی بار گویا فلاخن میں رکھ کر پھینک دُوں گا اور اُن کو اَیسا تنگ کرُوں گا کہ جان لیں۔
19 ہائے میری خستگی! میرا زخم درد ناک ہے
اور مَیں نے سمجھ لِیا کہ یقِیناً مُجھے یہ دُکھ برداشت کرنا ہے۔
20 میرا خَیمہ غارت کِیا گیا
اور میری سب طنابیں توڑ دی گئِیں۔
میرے بچّے میرے پاس سے چلے گئے اور وہ ہیں نہیں۔
اب کوئی نہ رہا جو میرا خَیمہ کھڑا کرے
اور میرے پردے لگائے۔
21 کیونکہ چرواہے حَیوان بن گئے
اور خُداوند کے طالِب نہ ہُوئے
اِس لِئے وہ کامیاب نہ ہُوئے
اور اُن کے سب گلّے تِتّربِتّر ہو گئے۔
22 دیکھ شِمال کے مُلک سے بڑے غَوغا اور ہنگامہ کی آواز آتی ہے
تاکہ یہُوداؔہ کے شہروں کو اُجاڑ کر
گِیدڑوں کا مسکن بنائے۔
23 اَے خُداوند! مَیں جانتا ہُوں کہ اِنسان کی راہ
اُس کے اِختیار میں نہیں۔
اِنسان اپنی روِش میں اپنے قدموں کی راہنُمائی نہیں کر سکتا۔
24 اَے خُداوند! مُجھے تنبِیہہ کر پر اندازہ سے۔
اپنے قہر سے نہیں۔
نہ ہو کہ تُو مُجھے نابُود کر دے۔
25 اَے خُداوند! اُن قَوموں پر جو تُجھے نہیں جانتِیں
اور اُن گھرانوں پر جو تیرا نام نہیں لیتے
اپنا قہر اُنڈیل دے
کیونکہ وہ یعقُوب کو کھا گئے۔ وہ اُسے نِگل گئے
اور چٹ کر گئے
اور اُس کے مسکن کو اُجاڑ دِیا۔
یَرمِیاہ اور عہد
1 یہ وہ کلام ہے جو خُداوند کی طرف سے یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا اور اُس نے فرمایا۔ 2 کہ تُم اِس عہد کی باتیں سُنو اور بنی یہُوداؔہ اور یروشلیِم کے باشِندوں سے بیان کرو۔ 3 اور تُو اُن سے کہہ خُداوند اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ لَعنت اُس اِنسان پر جو اِس عہد کی باتیں نہیں سُنتا۔ 4 جو مَیں نے تُمہارے باپ دادا سے اُس وقت فرمائِیں جب مَیں اُن کو مُلکِ مِصرؔ سے لوہے کے تنُور سے یہ کہہ کر نِکال لایا کہ تُم میری آواز کی فرمانبرداری کرو اور جو کُچھ مَیں نے تُم کو حُکم دِیا ہے اُس پر عمل کرو تو تُم میرے لوگ ہو گے اور مَیں تُمہارا خُدا ہُوں گا۔ 5 تاکہ مَیں اُس قَسم کو جو مَیں نے تُمہارے باپ دادا سے کھائی کہ مَیں اُن کو اَیسا مُلک دُوں گا جِس میں دُودھ اور شہد بہتا ہو جَیسا کہ آج کے دِن ہے پُورا کرُوں۔
تب مَیں نے جواب مَیں کہا اَے خُداوند! آمِین۔
6 پِھر خُداوند نے مُجھے فرمایا کہ یہُوداؔہ کے شہروں میں اور یروشلیِم کے کُوچوں میں اِن سب باتوں کی مُنادی کر اور کہہ کہ اِس عہد کی باتیں سُنو اور اُن پر عمل کرو۔ 7 کیونکہ مَیں تُمہارے باپ دادا کو جِس دِن سے مُلکِ مِصرؔ سے نِکال لایا آج تک تاکِید کرتا اور بر وقت جتاتا اور کہتا رہا کہ میری سُنو۔ 8 پر اُنہوں نے کان نہ لگایا اور شِنوا نہ ہُوئے بلکہ ہر ایک نے اپنے بُرے دِل کی سختی کی پَیروی کی۔ اِس لِئے مَیں نے اِس عہد کی سب باتیں جِن پر عمل کرنے کا اُن کو حُکم دِیا تھا اور اُنہوں نے نہ کِیا اُن پر پُوری کِیں۔
9 تب خُداوند نے مُجھے فرمایا کہ یہُوداؔہ کے لوگوں اور یروشلیِم کے باشِندوں میں سازِش پائی جاتی ہے۔ 10 وہ اپنے باپ دادا کی بدکرداری کی طرف جِنہوں نے میری باتیں سُننے سے اِنکار کِیا پِھر گئے اور غَیر معبُودوں کے پَیرو ہو کر اُن کی عِبادت کی۔ اِسرائیل کے گھرانے اور یہُوداؔہ کے گھرانے نے اُس عہد کو جو مَیں نے اُن کے باپ دادا سے کِیا تھا توڑ دِیا۔ 11 اِس لِئے خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں اُن پر اَیسی بلا لاؤُں گا جِس سے وہ بھاگ نہ سکیں گے اور وہ مُجھے پُکاریں گے پر مَیں اُن کی نہ سنُوں گا۔ 12 تب یہُوداؔہ کے شہر اور یروشلیِم کے باشِندے جائیں گے اور اُن معبُودوں کو جِن کے آگے وہ بخُور جلاتے ہیں پُکاریں گے پر وہ مُصِیبت کے وقت اُن کو ہرگِز نہ بچائیں گے۔ 13 کیونکہ اَے یہُوداؔہ! جِتنے تیرے شہر ہیں اُتنے ہی تیرے معبُود ہیں اور جِتنے یروشلیِم کے کُوچے ہیں اُتنے ہی تُم نے اُس رُسوائی کے باعِث کے لِئے مذبحے بنائے یعنی بعل کے لِئے بخُور جلانے کی قُربان گاہیں۔ 14 پس تُو اِن لوگوں کے لِئے دُعا نہ کر اور نہ اِن کے واسطے اپنی آواز بُلند کر اور نہ مِنّت کر کیونکہ جب یہ اپنی مُصِیبت میں مُجھے پُکاریں گے مَیں اِن کی نہ سنُوں گا۔
15 میرے گھر میں میری محبُوبہ کو کیا کام جب کہ وہ بکثرت شرارت کر چُکی؟ کیا مَنّت اور مُقدّس گوشت تیری شرارت کو دُور کریں گے؟ کیا تُو اِن کے ذرِیعہ سے رہائی پائے گی؟ تُو شرارت کر کے خُوش ہوتی ہے۔ 16 خُداوند نے خُوش میوہ ہرا زَیتُون تیرا نام رکھّا۔ اُس نے بڑے ہنگامہ کی آواز ہوتے ہی اُسے آگ لگا دی اور اُس کی ڈالِیاں توڑ دی گئِیں۔
17 کیونکہ ربُّ الافواج نے جِس نے تُجھے لگایا تُجھ پر بلا کا حُکم کِیا۔ اُس بدی کے سبب سے جو اِسرائیل کے گھرانے اور یہُوداؔہ کے گھرانے نے اپنے حق میں کی کہ بعل کے لِئے بخُور جلا کر مُجھے غضب ناک کِیا۔
یَرمِیاہ کی جان لینے کی سازِش
18 خُداوند نے مُجھ پر ظاہِر کِیا اور مَیں جان گیا۔ تب تُو نے مُجھے اُن کے کام دِکھائے۔ 19 لیکن مَیں اُس پالتُو برّہ کی مانِند تھا جِسے ذبح کرنے کو لے جاتے ہیں اور مُجھے معلُوم نہ تھا کہ اُنہوں نے میرے خِلاف منصُوبے باندھے ہیں کہ آؤ درخت کو اُس کے پَھل سمیت نیست کریں اور اُسے زِندوں کی زمِین سے کاٹ ڈالیں تاکہ اُس کے نام کا ذِکر تک باقی نہ رہے۔
20 اَے ربُّ الافواج! جو صداقت سے عدالت کرتا ہے جو دِل و دِماغ کو جانچتا ہے اُن سے اِنتقام لے کر مُجھے دِکھا کیونکہ مَیں نے اپنا دعویٰ تُجھ ہی پر ظاہِر کِیا ہے۔
21 اِس لِئے خُداوند فرماتا ہے عنتوت کے لوگوں کی بابت جو یہ کہہ کر تیری جان کے خواہاں ہیں کہ خُداوند کا نام لے کر نبُوّت نہ کر تاکہ تُو ہمارے ہاتھ سے نہ مارا جائے۔ 22 ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں اُن کو سزا دُوں گا۔ جوان تلوار سے مارے جائیں گے۔ اُن کے بیٹے بیٹِیاں کال سے مَریں گے۔ 23 اور اُن میں سے کوئی باقی نہ رہے گا کیونکہ مَیں عنتوت کے لوگوں پر اُن کی سزا کے سال میں آفت لاؤُں گا۔
یَرمِیاہ خُداوند سے بَحث کرتا ہے
1 اَے خُداوند! اگر مَیں تیرے ساتھ حُجّت کرُوں
تو تُو ہی صادِق ٹھہرے گا
تَو بھی مَیں تُجھ سے اِس امر پر بحث کرنا چاہتا ہُوں کہ
شرِیر اپنی روِش میں کیوں کامیاب ہوتے ہیں؟
سب دغاباز کیوں آرام سے رہتے ہیں؟
2 تُو نے اُن کو لگایا اور اُنہوں نے جڑ پکڑ لی۔
وہ بڑھ گئے بلکہ برومند ہُوئے۔
تُو اُن کے مُنہ سے نزدِیک
پر اُن کے دِلوں سے دُور ہے۔
3 لیکن اَے خُداوند! تُو مُجھے جانتا ہے۔
تُو نے مُجھے دیکھا
اور میرے دِل کو جو تیری طرف ہے آزمایا ہے۔
تُو اُن کو بھیڑوں کی مانِند ذبح ہونے کے لِئے کھینچ کر نِکال
اور قتل کے دِن کے لِئے اُن کو مخصُوص کر۔
4 اہلِ زمِین کی شرارت سے زمِین کب تک ماتم کرے
اور تمام مُلک کی روئیدگی پژمُردہ ہو؟
چرِندے اور پرِندے غارت ہو گئے
کیونکہ اُنہوں نے کہا وہ ہمارا انجام نہ دیکھے گا۔
5 اگر تُو پِیادوں کے ساتھ دَوڑا اور اُنہوں نے تُجھے تھکا دِیا
تو پِھر تُجھ میں یہ تاب کہاں کہ سواروں کی برابری کرے؟
تُو سلامتی کی سرزمِین میں تو بے خَوف ہے
لیکن یَردؔن کے جنگل میں کیا کرے گا؟
6 کیونکہ تیرے بھائِیوں اور تیرے باپ کے گھرانے
نے بھی تیرے ساتھ بے وفائی کی ہے۔
ہاں اُنہوں نے بڑی آواز سے تیرے پِیچھے للکارا۔
اُن پر اِعتماد نہ کر اگرچہ وہ تُجھ سے مِیٹھی مِیٹھی باتیں کریں۔
خُداوند اپنے لوگوں کے سبب سے رنجِیدہ ہوتا ہے
7 مَیں نے اپنے لوگوں کو ترک کِیا۔
مَیں نے اپنی مِیراث کو رَدّ کر دِیا۔
مَیں نے اپنے دِل کی محبُوبہ کو اُس کے دُشمنوں کے حوالہ کِیا۔
8 میری مِیراث میرے لِئے جنگلی شیر بن گئی۔
اُس نے میرے خِلاف اپنی آواز بُلند کی
اِس لِئے مُجھے اُس سے نفرت ہے۔
9 کیا میری مِیراث میرے لِئے ابلق شِکاری پرِندہ ہے؟
کیا شِکاری پرِندے اُس کو چاروں طرف گھیرے ہیں؟
آؤ سب دشتی درِندوں کو جمع کرو۔
اُن کو لاؤ کہ وہ کھا جائیں۔
10 بُہت سے چرواہوں نے میرے تاکِستان کو خراب کِیا۔
اُنہوں نے میرے بخرہ کو پامال کِیا۔
میرے دِل پسندؔب خرہ کو اُجاڑ کر بیابان بنا دِیا۔
11 اُنہوں نے اُسے وِیران کِیا
وہ وِیران ہو کر مُجھ سے فریادی ہے۔
ساری زمِین وِیران ہو گئی
تَو بھی کوئی اِسے خاطِر میں نہیں لاتا۔
12 بیابان کے سب پہاڑوں پر غارت گر آ گئے ہیں
کیونکہ خُداوند کی تلوار مُلک کے ایک سِرے سے دُوسرے سِرے تک نِگل جاتی ہے
اور کِسی بشر کو سلامتی نہیں۔
13 اُنہوں نے گیہُوں بویا پر کانٹے جمع کِئے۔
اُنہوں نے مشقّت کھینچی پر فائِدہ نہ اُٹھایا۔
خُداوند کے قہرِ شدِید کے سبب سے اپنے انجام سے شرمِندہ ہو۔
خُداوند اِسرائیل کے پڑوسیوں سے وعدہ کرتا ہے
14 میرے سب شرِیر پڑوسِیوں کے خِلاف خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ جِنہوں نے اُس مِیراث کو چُھؤا جِس کا مَیں نے اپنی قَوم اِسرائیل کو وارِث کِیا مَیں اُن کو اُن کی سرزمِین سے اُکھاڑ ڈالُوں گا اور یہُوداؔہ کے گھرانے کو اُن کے درمِیان سے نِکال پھینکُوں گا۔ 15 اور اِس کے بعد کہ مَیں اُن کو اُکھاڑ ڈالُوں گا یُوں ہو گا کہ مَیں پِھر اُن پر رحم کرُوں گا اور ہر ایک کو اُس کی مِیراث میں اور ہر ایک کو اُس کی زمِین میں پِھر لاؤُں گا۔ 16 اور یُوں ہو گا کہ اگر وہ دِل لگا کر میرے لوگوں کے طرِیقے سِیکھیں گے کہ میرے نام کی قَسم کھائیں کہ خُداوند زِندہ ہے جَیسا کہ اُنہوں نے میرے لوگوں کو سِکھایا کہ بعل کی قَسم کھائیں تو وہ میرے لوگوں میں شامِل ہو کر قائِم ہو جائیں گے۔ 17 لیکن اگر وہ شِنوا نہ ہوں گے تو مَیں اُس قَوم کو یک لخت اُکھاڑ ڈالُوں گا اور نیست و نابُود کر دُوں گا خُداوند فرماتا ہے۔
کتانی کمربند
1 خُداوند نے مُجھے یُوں فرمایا کہ تُو جا کر اپنے لِئے ایک کتانی کمربند خرِید لے اور اپنی کمر پر باندھ پر اُسے پانی میں مت بِھگو۔ 2 سو مَیں نے خُداوند کے کلام کے مُوافِق ایک کمربند خرِید لِیا اور اپنی کمر پر باندھا۔ 3 اور خُداوند کا کلام دوبارہ مُجھ پر نازِل ہُؤا اور اُس نے فرمایا۔ 4 کہ اِس کمربند کو جو تُو نے خرِیدا اور جو تیری کمر پر ہے لے کر اُٹھ اور فُرات کو جا اور وہاں چٹان کے ایک شِگاف میں اُسے چِھپا دے۔ 5 چُنانچہ مَیں گیا اور اُسے فُرات کے کنارے چِھپا دِیا جَیسا خُداوند نے مُجھے فرمایا تھا۔
6 اور بُہت دِنوں کے بعد یُوں ہُؤا کہ خُداوند نے مُجھے فرمایا کہ اُٹھ فُرات کی طرف جا اور اُس کمربند کو جِسے تُو نے میرے حُکم سے وہاں چِھپا رکھّا ہے نِکال لے۔ 7 تب مَیں فُرات کو گیا اور کھودا اور کمربند کو اُس جگہ سے جہاں مَیں نے اُسے گاڑ دِیا تھا نِکالا اور دیکھ وہ کمربند اَیسا خراب ہو گیا تھا کہ کِسی کام کا نہ رہا۔
8 تب خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا 9 کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اِسی طرح مَیں یہُوداؔہ کے گَھمنڈ اور یروشلیِم کے بڑے غُرُور کو نیست کرُوں گا۔ 10 یہ شرِیر لوگ جو میرا کلام سُننے سے اِنکار کرتے ہیں اور اپنے ہی دِل کی سختی کے پَیرو ہوتے اور غَیر معبُودوں کے طالِب ہو کر اُن کی عِبادت کرتے اور اُن کو پُوجتے ہیں وہ اِس کمربند کی مانِند ہوں گے جو کِسی کام کا نہیں۔ 11 کیونکہ جَیسا کمربند اِنسان کی کمر سے لِپٹا رہتا ہے وَیسا ہی خُداوند فرماتا ہے مَیں نے اِسرائیل کے تمام گھرانے اور یہُوداؔہ کے تمام گھرانے کو لِیا کہ مُجھ سے لِپٹے رہیں تاکہ وہ میرے لوگ ہوں اور اُن کے سبب سے میرا نام ہو اور میری سِتایش کی جائے اور میرا جلال ہو پر اُنہوں نے نہ سُنا۔
مَے کا مٹکا
12 پس تُو اُن سے یہ بات بھی کہہ دے کہ خُداوند اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ ہر ایک مٹکے میں مَے بھری جائے گی اور وہ تُجھ سے کہیں گے کیا ہم نہیں جانتے کہ ہر ایک مٹکے میں مَے بھری جائے گی؟ 13 تب تُو اُن سے کہنا خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھو مَیں اِس مُلک کے سب باشِندوں کو ہاں اُن بادشاہوں کو جو داؤُد کے تخت پر بَیٹھتے ہیں اور کاہِنوں اور نبِیوں اور یروشلیِم کے سب باشِندوں کو مستی سے بھر دُوں گا۔ 14 اور مَیں اُن کو ایک دُوسرے پر یہاں تک کہ باپ کو بیٹوں پر دے مارُوں گا۔ خُداوند فرماتا ہے مَیں نہ شفقت کرُوں گا نہ رِعایت اور نہ رحم کرُوں گا کہ اُن کو ہلاک نہ کرُوں۔
یَرمِیاہ گَھمنڈ کے خِلاف خبردار کرتا ہے
15 سُنو اور کان لگاؤ۔
گَھمنڈ نہ کرو کیونکہ خُداوند نے فرمایا ہے۔
16 خُداوند اپنے خُدا کی تمجِید کرو اِس سے پہلے کہ وہ تارِیکی لائے
اور تُمہارے پاؤں گُھپ اندھیرے میں ٹھوکر کھائیں
اور جب تُم رَوشنی کا اِنتِظار کرو
تو وہ اُسے مَوت کے سایہ سے بدل ڈالے اور
اُسے سخت تارِیکی بنا دے۔
17 لیکن اگر تُم نہ سُنو گے
تو میری جان تُمہارے غُرور کے سبب سے
خَلوت خانوں میں غم کھایا کرے گی۔
ہاں میری آنکھیں پُھوٹ پُھوٹ کر روئیں گی
اور آنسُو بہائیں گی
کیونکہ خُداوند کا گلّہ اَسِیری میں چلا گیا۔
18 بادشاہ اور اُس کی والِدہ سے کہہ کہ عاجِزی کرو اور نِیچے بَیٹھو کیونکہ تُمہاری بزُرگی کا تاج تُمہارے سر پر سے اُتار لِیا گیا ہے۔ 19 جنُوب کے شہر بند ہو گئے اور کوئی نہیں کھولتا۔ سب بنی یہُوداؔہ اسِیر ہو گئے۔ سب کو اسِیر کر کے لے گئے۔
20 اپنی آنکھیں اُٹھا اور اُن کو جو شِمال سے آتے ہیں دیکھ۔ وہ گلّہ جو تُجھے دِیا گیا تھا۔ تیرا خُوش نُما گلّہ کہاں ہے؟ 21 جب وہ تُجھ پر اُن کو مُقرّر کرے گا جِن کو تُو نے اپنی حِمایت کی تعلِیم دی ہے تو تُو کیا کہے گی؟ کیا تُو اُس عَورت کی مانِند جِسے دردِ زِہ ہو درد میں مُبتلا نہ ہو گی؟ 22 اور اگر تُو اپنے دِل میں کہے کہ یہ حادِثے مُجھ پر کیوں گُذرے؟ تیری بدکرداری کی شِدّت سے تیرا دامن اُٹھایا گیا اور تیری ایڑِیاں جبراً برہنہ کی گئِیں۔ 23 حبشی اپنے چمڑے کو یا چِیتا اپنے داغوں کو بدل سکے تو تُم بھی جو بدی کے عادی ہو نیکی کر سکو گے۔ 24 اِس لِئے مَیں اُن کو اُس بُھوسے کی مانِند جو بیابان کی ہوا سے اُڑتا پِھرتا ہے تِتّربِتّر کرُوں گا۔ 25 خُداوند فرماتا ہے کہ میری طرف سے یِہی تیرا بخرہ تیرا نپا ہُؤا حِصّہ ہے کیونکہ تُو نے مُجھے فراموش کر کے بُطلان پر توکُّل کِیا ہے۔ 26 پس مَیں بھی تیرا دامن تیرے سامنے سے اُٹھا دُوں گا تاکہ تُو بے پردہ ہو۔ 27 مَیں نے تیری بدکاری تیرا ہِنہنانا تیری حرام کاری اور تیرے نفرت انگیز کام جو تُو نے پہاڑوں پر اور مَیدانوں میں کِئے دیکھے ہیں۔ اَے یروشلیِم تُجھ پر افسوس! تُو اپنے آپ کو کب تک پاک و صاف نہ کرے گی؟
ہَولناک خُشک سالی
1 خُداوند کا وہ کلام جو خُشک سالی کی بابت یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا۔:۔
2 یہُوداؔہ ماتم کرتا ہے
اور اُس کے پھاٹکوں پر اُداسی چھائی ہے۔
وہ ماتمی لِباس میں خاک پر بَیٹھے ہیں
اور یروشلیِم کا نالہ بُلند ہُؤا ہے۔
3 اُن کے اُمرا اپنے ادنیٰ لوگوں کو پانی کے لِئے بھیجتے ہیں۔
وہ چشموں تک جاتے ہیں پر پانی نہیں پاتے
اور خالی گھڑے لِئے لَوٹ آتے ہیں۔
وہ شرمِندہ و پشیمان ہو کر اپنے سر ڈھانپتے ہیں۔
4 چُونکہ مُلک میں بارِش نہ ہُوئی اِس لِئے زمِین پھٹ گئی
اور کِسان سراسِیمہ ہُوئے۔ وہ اپنے سر ڈھانپتے ہیں۔
5 چُنانچہ ہرنی مَیدان میں بچّہ دے کر اُسے چھوڑ دیتی ہے
کیونکہ گھاس نہیں مِلتی۔
6 اور گورخر اُونچی جگہوں پر کھڑے ہو کر
گِیدڑوں کی مانِند ہانپتے ہیں۔
اُن کی آنکھیں رہ جاتی ہیں کیونکہ گھاس نہیں ہے۔
7 اگرچہ ہماری بدکرداری ہم پر گواہی دیتی ہے
تَو بھی اَے خُداوند! اپنے نام کی خاطِر کُچھ کر
کیونکہ ہماری برگشتگی بُہت ہے۔
ہم تیرے خطاکار ہیں۔
8 اَے اِسرائیل کی اُمّید!
مُصِیبت کے وقت اُس کے بچانے والے!
تُو کیوں مُلک میں پردیسی کی مانِند بنا
اور اُس مُسافِر کی مانِند جو رات کاٹنے کے لِئے ڈیرا ڈالے؟
9 تُو کیوں اِنسان کی مانِند ہکّا بکّا ہے
اور اُس بہادُر کی مانِند جو رہائی نہیں دے سکتا؟
بہر حال اَے خُداوند! تُو تو ہمارے درمِیان ہے
اور ہم تیرے نام سے کہلاتے ہیں۔
تُو ہم کو ترک نہ کر۔
10 خُداوند اِن لوگوں سے یُوں فرماتا ہے کہ اِنہوں نے گُمراہی کو یُوں دوست رکھّا ہے اور اپنے پاؤں کو نہیں روکا اِس لِئے خُداوند اِن کو قبُول نہیں کرتا۔ اب وہ اِن کی بدکرداری یاد کرے گا اور اِن کے گُناہ کی سزا دے گا۔
11 اور خُداوند نے مُجھے فرمایا کہ اِن لوگوں کے لِئے دُعایِ خَیر نہ کر۔ 12 کیونکہ جب یہ روزہ رکھّیں تو مَیں اِن کا نالہ نہ سنُوں گا اور جب سوختنی قُربانی اور ہدیہ گُذرانیں تو قبُول نہ کرُوں گا بلکہ مَیں تلوار اور کال اور وبا سے اِن کو ہلاک کرُوں گا۔
13 تب مَیں نے کہا آہ! اَے خُداوند خُدا دیکھ انبیا اُن سے کہتے ہیں تُم تلوار نہ دیکھو گے اور تُم میں کال نہ پڑے گا بلکہ مَیں اِس مقام میں تُم کو حقِیقی سلامتی بخشُوں گا۔
14 تب خُداوند نے مُجھے فرمایا کہ انبیا میرا نام لے کر جُھوٹی نبُوّت کرتے ہیں۔ مَیں نے نہ اُن کو بھیجا اور نہ حُکم دِیا اور نہ اُن سے کلام کِیا۔ وہ جُھوٹی رُویا اور جُھوٹا عِلمِ غَیب اور بطالت اور اپنے دِلوں کی مکّاری نبُوّت کی صُورت میں تُم پر ظاہِر کرتے ہیں۔ 15 اِس لِئے خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ وہ نبی جِن کو مَیں نے نہیں بھیجا جو میرا نام لے کر نُبوّت کرتے اور کہتے ہیں کہ تلوار اور کال اِس مُلک میں نہ آئیں گے وہ تلوار اور کال ہی سے ہلاک ہوں گے۔ 16 اور جِن لوگوں سے وہ نبُوّت کرتے ہیں وہ کال اور تلوار کے سبب سے یروشلیِم کے کُوچوں میں پھینک دِئے جائیں گے۔ اُن کو اور اُن کی بِیوِیوں اور اُن کے بیٹوں اور اُن کی بیٹِیوں کو دفن کرنے والا کوئی نہ ہو گا۔ مَیں اُن کی بُرائی اُن پر اُنڈیل دُوں گا۔
17 اور تُو اُن سے یُوں کہنا کہ
میری آنکھیں شب و روز آنسُو بہائیں
اور ہرگِز نہ تھمیں
کیونکہ میری کُنواری دُخترِ قَوم بڑی خستگی
اور ضربِ شدِید سے شِکستہ ہے۔
18 اگر مَیں باہر مَیدان میں جاؤُں تو وہاں تلوار کے مقتُول ہیں!
اور اگر مَیں شہر میں داخِل ہوؤں تو وہاں کال کے مارے ہیں!
ہاں نبی اور کاہِن دونوں ایک اَیسے مُلک کو جائیں گے
جِسے وہ نہیں جانتے۔
لوگ خُداوند سے بحث کرتے ہیں
19 کیا تُو نے یہُوداؔہ کو بِالکُل رَدّ کر دِیا؟
کیا تیری جان کو صِیُّون سے نفرت ہے؟
تُو نے ہم کو کیوں مارا
اور ہمارے لِئے شِفا نہیں؟
سلامتی کا اِنتِظار تھا پر کُچھ فائِدہ نہ ہُؤا
اور شِفا کے وقت کا پر دیکھو دہشت!
20 اَے خُداوند! ہم اپنی شرارت
اور اپنے باپ دادا کی بدکرداری کا اِقرار کرتے ہیں
کیونکہ ہم نے تیرا گُناہ کِیا ہے۔
21 اپنے نام کی خاطِر رَدّ نہ کر
اور اپنے جلال کے تخت کی تحقِیر نہ کر۔
یاد فرما اور ہم سے رِشتۂِ عہد کو نہ توڑ۔
22 قَوموں کے بُتوں میں کوئی ہے جو مِینہہ برسا سکے
یا افلاک بارِش پر قادِر ہیں؟
اَے خُداوند ہمارے خُدا! کیا وہ تُو ہی نہیں ہے؟
پس ہم تُجھ ہی پر اُمّید رکھّیں گے
کیونکہ تُو ہی نے یہ سب کام کِئے ہیں۔
یہُوداؔہ کے لوگوں کا حَشر
1 تب خُداوند نے مُجھے فرمایا کہ اگرچہ مُوسیٰ اور سموئیل میرے حضُور کھڑے ہوتے تَو بھی میرا دِل اِن لوگوں کی طرف مُتوجّہِ نہ ہوتا۔ اِن کو میرے سامنے سے نِکال دے کہ چلے جائیں۔ 2 اور جب وہ تُجھ سے کہیں کہ ہم کِدھر جائیں؟ تو اُن سے کہنا کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ
جو مَوت کے لِئے ہیں
وہ مَوت کی طرف جائیں
اور جو تلوار کے لِئے ہیں
وہ تلوار کی طرف
اور جو کال کے لِئے ہیں
وہ کال کو
اور جو اسِیری کے لِئے ہیں
وہ اسِیری میں۔
3 اور مَیں چار چِیزوں کو اُن پر مُسلّط کرُوں گا خُداوند فرماتا ہے۔ تلوار کو کہ قتل کرے اور کُتّوں کو کہ پھاڑ ڈالیں اور آسمانی پرِندوں کو اور زمِین کے درِندوں کو کہ نِگل جائیں اور ہلاک کریں۔ 4 اور مَیں اُن کو شاہِ یہُوداؔہ منسّی بِن حِزقیاہ کے سبب سے اُس کام کے باعِث جو اُس نے یروشلیِم میں کِیا ترک کر دُوں گا کہ زمِین کی سب مُملکتوں میں دھکّے کھاتے پِھریں۔
5 اب اَے یروشلیِم کَون تُجھ پر رحم کرے گا؟
کَون تیرا ہمدرد ہو گا؟
یا کَون تیری طرف آئے گا کہ تیری خَیر و عافِیّت پُوچھے؟
6 خُداوند فرماتا ہے تُو نے مُجھے ترک کِیا اور برگشتہ ہو گئی
اِس لِئے مَیں تُجھ پر اپنا ہاتھ بڑھاؤُں گا اور تُجھے برباد کرُوں گا
مَیں تو ترس کھاتے کھاتے تنگ آ گیا۔
7 اور مَیں نے اُن کو مُلک کے پھاٹکوں پر چھاج سے پھٹکا۔
مَیں نے اُن کے بچّے چِھین لِئے۔ مَیں نے
اپنے لوگوں کو ہلاک کِیا
کیونکہ وہ اپنی راہوں سے نہ پِھرے۔
8 اُن کی بیوائیں میرے آگے
سمُندر کی ریت سے زِیادہ ہو گئِیں۔
مَیں نے دوپہر کے وقت جوانوں کی ماں پر
غارت گر کو مُسلّط کِیا۔
مَیں نے اُس پر ناگہان عذاب و دہشت کو ڈال دِیا۔
9 سات بچّوں کی والِدہ نِڈھال ہو گئی۔
اُس نے جان دے دی۔
دِن ہی کو اُس کا سُورج ڈُوب گیا۔
وہ پشیمان اور سراسِیمہ ہو گئی ہے۔
خُداوند فرماتا ہے
مَیں اُن کے باقی لوگوں کو اُن کے دُشمنوں کے
آگے تلوار کے حوالہ کرُوں گا۔
یَرمِیاہ خُداوند سے شِکایت کرتا ہے
10 اَے میری ماں مُجھ پر افسوس کہ مَیں تُجھ سے تمام دُنیا کے لِئے لڑاکا آدمی اور جھگڑالُو شخص پَیدا ہُؤا! مَیں نے تو نہ سُود پر قرض دِیا اور نہ قرض لِیا تَو بھی اُن میں سے ہر ایک مُجھ پر لَعنت کرتا ہے۔ 11 خُداوند نے فرمایا یقِیناً مَیں تُجھے تَقوِیت بخشُوں گا کہ تیری خَیر ہو۔ یقِیناً مَیں مُصِیبت اور تنگی کے وقت دُشمنوں سے تیرے سامنے اِلتجا کراؤُں گا۔ 12 کیا کوئی لوہے کو یعنی شِمالی فَولاد اور پِیتل کو توڑ سکتا ہے؟
13 تیرے مال اور تیرے خزانوں کو مُفت لُٹوا دُوں گا اور یہ تیرے سب گُناہوں کے سبب سے تیری تمام سرحدّوں میں ہو گا۔ 14 اور مَیں تُجھ کو تیرے دُشمنوں کے ساتھ اَیسے مُلک میں لے جاؤُں گا جِسے تُو نہیں جانتا کیونکہ میرے غضب کی آگ بھڑکے گی اور تُم کو جلائے گی۔
15 اَے خُداوند! تُو جانتا ہے مُجھے یاد فرما اور مُجھ پر شفقت کر اور میرے ستانے والوں سے میرا اِنتقام لے۔ تُو برداشت کرتے کرتے مُجھے نہ اُٹھا لے۔ جان رکھ کہ مَیں نے تیری خاطِر ملامت اُٹھائی ہے۔ 16 تیرا کلام مِلا اور مَیں نے اُسے نوش کِیا اور تیری باتیں میرے دِل کی خُوشی اور خُرمی تِھیں کیونکہ اَے خُداوند ربُّ الافواج! مَیں تیرے نام سے کہلاتا ہُوں۔ 17 نہ مَیں خُوشی منانے والوں کی محفِل میں بَیٹھا اور نہ شادمان ہُؤا۔ تیرے ہاتھ کے سبب سے مَیں تنہا بَیٹھا کیونکہ تُو نے مُجھے قہر سے لبریز کر دِیا ہے۔ 18 میرا درد کیوں دائِمی اور میرا زخم کیوں لاعِلاج ہے کہ صِحت پذِیر نہیں ہوتا؟ کیا تُو میرے لِئے سراسر دھوکے کی ندی سا ہو گیا ہے۔ اُس پانی کی مانِند جِس کو قِیام نہیں؟
19 اِس لِئے خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اگر تُو باز آئے تو مَیں تُجھے پھیر لاؤُں گا اور تُو میرے حضُور کھڑا ہو گا اور اگر تُو لطِیف کو کثِیف سے جُدا کرے تو تُو میرے مُنہ کی مانِند ہو گا۔ وہ تیری طرف پِھریں لیکن تُو اُن کی طرف نہ پِھرنا۔ 20 اور مَیں تُجھے اِن لوگوں کے مُقابِل پِیتل کی مضبُوط دِیوار ٹھہراؤُں گا اور یہ تُجھ سے لڑیں گے لیکن تُجھ پر غالِب نہ آئیں گے کیونکہ خُداوند فرماتا ہے مَیں تیرے ساتھ ہُوں کہ تیری حِفاظت کرُوں اور تُجھے رہائی دُوں۔ 21 ہاں مَیں تُجھے شرِیروں کے ہاتھ سے رہائی دُوں گا اور ظالِموں کے پنجے سے تُجھے چُھڑاؤُں گا۔
یَرمِیاہ کی زِندگی کے لِئے خُدا کی مَرضی
1 خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا اور اُس نے فرمایا۔ 2 تُو بِیوی نہ کرنا۔ اِس جگہ تیرے ہاں بیٹے بیٹِیاں نہ ہوں۔ 3 کیونکہ خُداوند اُن بیٹوں اور بیٹِیوں کی بابت جو اِس جگہ پَیدا ہُوئے ہیں اور اُن کی ماؤں کی بابت جِنہوں نے اُن کو وِلادت دی اور اُن کے باپوں کی بابت جِن سے وہ پَیدا ہُوئے یُوں فرماتا ہے۔ 4 کہ وہ بُری مَوت مریں گے۔ نہ اُن پر کوئی ماتم کرے گا اور نہ وہ دفن کِئے جائیں گے۔ وہ سطحِ زمِین پر کھاد کی مانِند ہوں گے۔ وہ تلوار اور کال سے ہلاک ہوں گے اور اُن کی لاشیں ہوا کے پرِندوں اور زمِین کے درِندوں کی خُوراک ہوں گی۔
5 اِس لِئے خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُو ماتم والے گھر میں داخِل نہ ہو اور نہ اُن پر رونے کے لِئے جا نہ اُن پر ماتم کر کیونکہ خُداوند فرماتا ہے مَیں نے اپنی سلامتی اور شفقت و رحمت کو اِن لوگوں پر سے اُٹھا لِیا ہے۔ 6 اور اِس مُلک کے چھوٹے بڑے سب مَر جائیں گے۔ نہ وہ دفن کِئے جائیں گے نہ لوگ اُن پر ماتم کریں گے اور نہ کوئی اُن کے لِئے زخمی ہو گا نہ سر مُنڈائے گا۔ 7 نہ لوگ ماتم کرنے والوں کو کھانا کِھلائیں گے تاکہ اُن کو مُردوں کی بابت تسلّی دیں اور نہ اُن کو دِل داری کا پِیالہ دیں گے کہ وہ اپنے ماں باپ کے غم میں پِئیں۔
8 اور تُو ضِیافت والے گھر میں داخِل نہ ہونا کہ اُن کے ساتھ بَیٹھ کر کھائے پِئے۔ 9 کیونکہ ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں اِس جگہ سے تُمہارے دیکھتے ہُوئے اور تُمہارے ہی دِنوں میں خُوشی اور شادمانی کی آواز دُلہے اور دُلہن کی آواز مَوقُوف کراؤُں گا۔
10 اور جب تُو یہ سب باتیں اِن لوگوں پر ظاہِر کرے اور وہ تُجھ سے پُوچھیں کہ خُداوند نے کیوں یہ سب بُری باتیں ہمارے خِلاف کہِیں؟ ہم نے خُداوند اپنے خُدا کے خِلاف کَون سی بدی اور کَون سا گُناہ کِیا ہے؟ 11 تب تُو اُن سے کہنا خُداوند فرماتا ہے اِس لِئے کہ تُمہارے باپ دادا نے مُجھے چھوڑ دِیا اور غَیر معبُودوں کے طالِب ہُوئے اور اُن کی عِبادت اور پرستِش کی اور مُجھے ترک کِیا اور میری شرِیعت پر عمل نہیں کِیا۔ 12 اور تُم نے اپنے باپ دادا سے بڑھ کر بدی کی کیونکہ دیکھو تُم میں سے ہر ایک اپنے بُرے دِل کی سختی کی پیرَوی کرتا ہے کہ میری نہ سُنے۔ 13 اِس لِئے مَیں تُم کو اِس مُلک سے خارِج کر کے اَیسے مُلک میں آوارہ کرُوں گا جِسے نہ تُم اور نہ تُمہارے باپ دادا جانتے تھے اور وہاں تُم رات دِن غَیر معبُودوں کی عِبادت کرو گے کیونکہ مَیں تُم پر رحم نہ کرُوں گا۔
اَسیِری سے واپسی
14 لیکن دیکھ خُداوند فرماتا ہے وہ دِن آتے ہیں کہ لوگ کبھی نہ کہیں گے کہ زِندہ خُداوند کی قَسم جو بنی اِسرائیل کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال لایا۔ 15 بلکہ زِندہ خُداوند کی قَسم جو بنی اِسرائیل کو شِمال کی سرزمِین سے اور اُن سب مُملکتوں سے جہاں جہاں اُس نے اُن کو ہانک دِیا تھا نِکال لایا اور مَیں اُن کو پِھر اُس مُلک میں لاؤُں گا جو مَیں نے اُن کے باپ دادا کو دِیا تھا۔
16 خُداوند فرماتا ہے دیکھ مَیں بُہت سے ماہی گِیروں کو بُلواؤُں گا اور وہ اُن کو شِکار کریں گے اور پِھر مَیں بُہت سے شِکارِیوں کو بُلواؤُں گا اور وہ ہر پہاڑ سے اور ہر ٹِیلے سے اور چٹانوں کے شِگافوں سے اُن کو پکڑ نِکالیں گے۔ 17 کیونکہ میری آنکھیں اُن کی سب روِشوں پر لگی ہیں۔ وہ مُجھ سے پوشِیدہ نہیں ہیں اور اُن کی بدکرداری میری آنکھوں سے چِھپی نہیں۔ 18 اور مَیں پہلے اُن کی بدکرداری اور خطاکاری کی دُونی سزا دُوں گا کیونکہ اُنہوں نے میری سرزمِین کو اپنی مکرُوہ چِیزوں کی لاشوں سے ناپاک کِیا اور میری مِیراث کو اپنی مکرُوہات سے بھر دِیا ہے۔
یَرمِیاہ پُورے اِعتماد سے خُداوند سے دُعا مانگتا ہے
19 اَے خُداوند میری قُوّت اور میرے گڑھ اور مُصِیبت کے دِن میں میری پناہ گاہ! دُنیا کے کناروں سے قَومیں تیرے پاس آ کر کہیں گی کہ فی الحقِیقت ہمارے باپ دادا نے محض جُھوٹ کی مِیراث حاصِل کی یعنی بُطلان اور بے سُود چِیزیں۔ 20 کیا اِنسان اپنے لِئے معبُود بنائے جو خُدا نہیں ہیں؟
21 اِس لِئے دیکھ مَیں اِس مرتبہ اُن کو آگاہ کرُوں گا۔ مَیں اپنا ہاتھ اور اپنا زور اُن کو دِکھاؤُں گا اور وہ جانیں گے کہ میرا نام یہوواؔہ ہے۔
یہُوداؔہ کا گُناہ اور سزا
1 یہُوداؔہ کا گُناہ لوہے کے قلم اور ہِیرے کی نوک سے لِکھا گیا ہے۔ اُن کے دِل کی تختی پر اور اُن کے مذبحوں کے سِینگوں پر کندہ کِیا گیا ہے۔ 2 کیونکہ اُن کے بیٹے اپنے مذبحوں اور یسِیرتوں کو یاد کرتے ہیں جو ہرے درختوں کے پاس اُونچے پہاڑوں پر ہیں۔ 3 اَے میرے پہاڑ جو مَیدان میں ہے! مَیں تیرا مال اور تیرے سب خزانے اور تیرے اُونچے مقام جِن کو تُو نے اپنی تمام سرحدّوں پر گُناہ کے لِئے بنایا لُٹاؤُں گا۔ 4 اور تُو از خُود اُس مِیراث سے جو مَیں نے تُجھے دی اپنے قصُور کے باعِث ہاتھ اُٹھائے گا اور مَیں اُس مُلک میں جِسے تُو نہیں جانتا تُجھ سے تیرے دُشمنوں کی خِدمت کراؤُں گا کیونکہ تُم نے میرے قہر کی آگ بھڑکا دی ہے جو ہمیشہ تک جلتی رہے گی۔
مُتفرِّق مقُولے
5 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ
ملعُون ہے وہ آدمی
جو اِنسان پر توکُّل کرتا ہے اور بشر کو اپنا بازُو جانتا
ہے اور جِس کا دِل خُداوند سے برگشتہ ہو جاتا ہے۔
6 کیونکہ وہ رتمہ کی مانِند ہو گا جو بیابان میں ہے
اور کبھی بھلائی نہ دیکھے گا
بلکہ بیابان کی بے آب جگہوں میں اور غَیر آباد
زمِینِ شور میں رہے گا۔
7 مُبارک ہے وہ آدمی جو خُداوند پر توکُّل کرتا ہے اور
جِس کی اُمّیدگاہ خُداوند ہے۔
8 کیونکہ وہ اُس درخت کی مانِند ہو گا جو پانی کے پاس لگایا جائے
اور اپنی جڑ دریا کی طرف پَھیلائے
اور جب گرمی آئے تو اُسے کُچھ خطرہ نہ ہو
بلکہ اُس کے پتّے ہرے رہیں
اور خُشک سالی کا اُسے کُچھ خَوف نہ ہو
اور پَھل لانے سے باز نہ رہے۔
9 دِل سب چِیزوں سے زِیادہ حِیلہ باز اور لاعِلاج ہے۔
اُس کو کَون دریافت کر سکتا ہے؟
10 مَیں خُداوند دِل و دِماغ کو جانچتا اور آزماتا ہُوں
تاکہ ہر ایک آدمی کو اُس کی چال کے مُوافِق
اور اُس کے کاموں کے پَھل کے مُطابِق بدلہ دُوں۔
11 بے اِنصافی سے دَولت حاصِل کرنے والا
اُس تِیتر کی مانِند ہے جو کِسی دُوسرے کے انڈوں پر بَیٹھے۔
وہ آدھی عُمر میں اُسے کھو بَیٹھے گا
اور آخِر کو احمق ٹھہرے گا۔
12 ہمارے مقدِس کا مکان ازل ہی سے مُقرّر کِیا ہُؤا جلالی تخت ہے۔
13 اَے خُداوند اِسرائیل کی اُمّیدگاہ!
تُجھ کو ترک کرنے والے سب شرمِندہ ہوں گے۔
مُجھ کو ترک کرنے والے خاک میں مِل جائیں گے
کیونکہ اُنہوں نے خُداوند کو جو آبِ حیات کا چشمہ ہے
ترک کر دِیا۔
یَرمِیاہ خُداوند سے مدد مانگتا ہے
14 اَے خُداوند! تُو مُجھے شِفا بخشے تو مَیں شِفا پاؤُں گا۔ تُو ہی بچائے تو بچُوں گا کیونکہ تُو میرا فخر ہے۔
15 دیکھ وہ مُجھے کہتے ہیں خُداوند کا کلام کہاں ہے؟ اب نازِل ہو۔
16 مَیں نے تو تیری پَیروی میں گڈریا بننے سے گُریز نہیں کِیا اور مُصِیبت کے دِن کی آرزُو نہیں کی۔ تُو خُود جانتا ہے کہ جو کُچھ میرے لبوں سے نِکلا تیرے سامنے تھا۔ 17 تُو میرے لِئے دہشت کا باعِث نہ ہو۔ مُصِیبت کے دِن تُو ہی میری پناہ ہے۔ 18 مُجھ پر سِتم کرنے والے شرمِندہ ہوں پر مُجھے شرمِندہ نہ ہونے دے۔ وہ ہِراسان ہوں پر مُجھے ہِراسان نہ ہونے دے۔ مُصِیبت کا دِن اُن پر لا اور اُن کو شِکست پر شِکست دے۔
سبت کو ماننے کے بارے میں
19 خُداوند نے مُجھ سے یُوں فرمایا ہے کہ جا اور اُس پھاٹک پر جِس سے عام لوگ اور شاہانِ یہُوداؔہ آتے جاتے ہیں بلکہ یروشلیِم کے سب پھاٹکوں پر کھڑا ہو۔ 20 اور اُن سے کہہ دے کہ اَے شاہانِ یہُوداؔہ اور اَے سب بنی یہُوداؔہ اور یروشلیِم کے سب باشِندو جو اِن پھاٹکوں میں سے آتے جاتے ہو خُداوند کا کلام سُنو۔ 21 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُم خبردار رہو اور سبت کے دِن بوجھ نہ اُٹھاؤ اور یروشلیِم کے پھاٹکوں کی راہ سے اندر نہ لاؤ۔ 22 اور تُم سبت کے دِن بوجھ اپنے گھروں سے اُٹھا کر باہر نہ لے جاؤ اور کِسی طرح کا کام نہ کرو بلکہ سبت کے دِن کو مُقدّس جانو جَیسا مَیں نے تُمہارے باپ دادا کو حُکم دِیا تھا۔ 23 لیکن اُنہوں نے نہ سُنا نہ کان لگایا بلکہ اپنی گردن کو سخت کِیا کہ شِنوا نہ ہوں اور تربِیّت نہ پائیں۔
24 اور یُوں ہو گا کہ اگر تُم دِل لگا کر میری سُنو گے خُداوند فرماتا ہے اور سبت کے دِن تُم اِس شہر کے پھاٹکوں کے اندر بوجھ نہ لاؤ گے بلکہ سبت کے دِن کو مُقدّس جانو گے یہاں تک کہ اُس میں کُچھ کام نہ کرو۔ 25 تو اِس شہر کے پھاٹکوں سے داؤُد کے جانشِین بادشاہ اور اُمرا داخِل ہوں گے۔ وہ اور اُن کے اُمرا یہُوداؔہ کے لوگ اور یروشلیِم کے باشِندے رتھوں اور گھوڑوں پر سوار ہوں گے اور یہ شہر ہمیشہ تک آباد رہے گا۔ 26 اور یہُوداؔہ کے شہروں اور یروشلیِم کی نواحی اور بِنیمِین کی سرزمِین اور مَیدان اور کوہِستان اور جنُوب سے سوختنی قُربانِیاں اور ذبِیحے اور ہدئے اور لُبان لے کر آئیں گے اور خُداوند کے گھر میں شُکرگُذاری کے ہدئے لائیں گے۔ 27 لیکن اگر تُم میری نہ سُنو گے کہ سبت کے دِن کو مُقدّس جانو اور بوجھ اُٹھا کر سبت کے دِن یروشلیِم کے پھاٹکوں میں داخِل ہونے سے باز نہ رہو تو مَیں اُس کے پھاٹکوں میں آگ سُلگاؤُں گا جو اُس کے قصروں کو بھسم کر دے گی اور ہرگِز نہ بُجھے گی۔
یَرمِیاہ کُمہار کے گھر
1 خُداوند کا کلام یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا۔ 2 کہ اُٹھ اور کُمہار کے گھر جا اور مَیں وہاں اپنی باتیں تُجھے سُناؤُں گا۔ 3 تب مَیں کُمہار کے گھر گیا اور کیا دیکھتا ہُوں کہ وہ چاک پر کُچھ بنا رہا ہے۔ 4 اُس وقت وہ مِٹّی کا برتن جو وہ بنا رہا تھا اُس کے ہاتھ میں بِگڑ گیا۔ تب اُس نے اُس سے جَیسا مُناسِب سمجھا ایک دُوسرا برتن بنا لِیا۔
5 تب خُداوند کا یہ کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا 6 کہ اَے اِسرائیل کے گھرانے کیا مَیں اِس کُمہار کی طرح تُم سے سلُوک نہیں کر سکتا ہُوں؟ خُداوند فرماتا ہے دیکھو جِس طرح مِٹّی کُمہار کے ہاتھ میں ہے اُسی طرح اَے اِسرائیل کے گھرانے تُم میرے ہاتھ میں ہو۔ 7 اگر کِسی وقت مَیں کِسی قَوم اور کِسی سلطنت کے حق میں کہُوں کہ اُسے اُکھاڑُوں اور توڑ ڈالُوں اور وِیران کرُوں۔ 8 اور اگر وہ قَوم جِس کے حق میں مَیں نے یہ کہا اپنی بُرائی سے باز آئے تو مَیں بھی اُس بدی سے جو مَیں نے اُس پر لانے کا اِرادہ کِیا تھا باز آؤُں گا۔ 9 اور پِھر اگر مَیں کِسی قَوم اور کِسی سلطنت کی بابت کہُوں کہ اُسے بناؤُں اور لگاؤُں۔ 10 اور وہ میری نظر میں بدی کرے اور میری آواز کو نہ سُنے تو مَیں بھی اُس نیکی سے باز رہُوں گا جو اُس کے ساتھ کرنے کو کہا تھا۔ 11 اور اب تُو جا کر یہُوداؔہ کے لوگوں اور یروشلیِم کے باشِندوں سے کہہ دے کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھو مَیں تُمہارے لِئے مُصِیبت تجوِیز کرتا ہُوں اور تُمہاری مُخالفت میں منصُوبہ باندھتا ہُوں۔ سو اب تُم میں سے ہر ایک اپنی بُری روِش سے باز آئے اور اپنی راہ اور اپنے اعمال کو درُست کرے۔ 12 پر وہ کہیں گے کہ یہ تو فضُول ہے کیونکہ ہم اپنے منصُوبوں پر چلیں گے اور ہر ایک اپنے بُرے دِل کی سختی کے مُطابِق عمل کرے گا۔
لوگ خُداوند کو رَدّ کرتے ہیں
13 اِس لِئے خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ
دریافت کرو کہ قَوموں میں سے کِسی نے
کبھی اَیسی باتیں سُنی ہیں؟
اِسرائیل کی کُنواری نے نِہایت ہَولناک کام کِیا۔
14 کیا لُبناؔن کی برف جو چٹان سے مَیدان میں بہتی ہے کبھی بند ہو گی؟
کیا وہ ٹھنڈا بہتا پانی جو دُور سے آتا ہے سُوکھ جائے گا؟
15 لیکن میرے لوگ مُجھ کو بُھول گئے
اور اُنہوں نے بطالت کے لِئے بخُور جلایا
اور اُس نے اُن کی راہوں میں یعنی قدِیم راہوں
میں اُن کو گُمراہ کِیا
تاکہ وہ پگڈنڈیوں میں جائیں اور اَیسی راہ میں
جو بنائی نہ گئی۔
16 کہ وہ اپنی سرزمِین کو وِیرانی
اور ہمیشہ کی حَیرانی اور سُسکار کا باعِث بنائیں۔
ہر ایک جو اُدھر سے گُذرے دنگ ہو گا
اور سر ہِلائے گا۔
17 مَیں اُن کو دُشمن کے سامنے
گویا پُوربی ہوا سے تِتّربِتّر کر دُوں گا۔
اُن کی مُصِیبت کے وقت اُن کو مُنہ نہیں بلکہ پِیٹھ دِکھاؤُں گا۔
یَرمِیاہ کے خِلاف سازِش
18 تب اُنہوں نے کہا آؤ ہم یَرمِیاؔہ کی مُخالفت میں منصُوبے باندھیں کیونکہ شرِیعت کاہِن سے جاتی نہ رہے گی اور نہ مشوَرَت مُشِیر سے اور نہ کلام نبی سے۔ آؤ ہم اُسے زُبان سے ماریں اور اُس کی کِسی بات پر توجُّہ نہ کریں۔
19 اَے خُداوند! تُو مُجھ پر توجُّہ کر اور مُجھ سے جھگڑنے والوں کی آواز سُن۔ 20 کیا نیکی کے بدلے بدی کی جائے گی؟ کیونکہ اُنہوں نے میری جان کے لِئے گڑھا کھودا۔ یاد کر کہ مَیں تیرے حضُور کھڑا ہُؤا کہ اُن کی شفاعت کرُوں اور تیرا قہر اُن پر سے ٹلا دُوں۔ 21 اِس لِئے اُن کے بچّوں کو کال کے حوالہ کر اور اُن کو تلوار کی دھار کے سپُرد کر۔ اُن کی بِیویاں بے اَولاد اور بیوہ ہوں اور اُن کے مَرد مارے جائیں۔ اُن کے جوان مَیدانِ جنگ میں تلوار سے قتل ہوں۔ 22 جب تُو اچانک اُن پر فَوج چڑھا لائے گا اُن کے گھروں سے ماتم کی صدا نِکلے کیونکہ اُنہوں نے مُجھے پھنسانے کو گڑھا کھودا اور میرے پاؤں کے لِئے پھندے لگائے۔ 23 پر اَے خُداوند تُو اُن کی سب سازِشوں کو جو اُنہوں نے میرے قتل پر کِیں جانتا ہے۔ اُن کی بدکرداری کو مُعاف نہ کر اور اُن کے گُناہ کو اپنی نظر سے دُور نہ کر بلکہ وہ تیرے حضُور پست ہوں۔ اپنے قہر کے وقت تُو اُن سے یُوں ہی کر۔
ٹُوٹی ہُوئی صُراحی
1 خُداوند نے یُوں فرمایا ہے کہ تُو جا کر کُمہار سے مِٹّی کی صُراحی مول لے اور قَوم کے بزُرگوں اور کاہِنوں کے سرداروں کو ساتھ لے۔ 2 اور بِن ہِنّوؔم کی وادی میں کُمہاروں کے پھاٹک کے مدخل پر نِکل جا اور جو باتیں مَیں تُجھ سے کہُوں وہاں اُن کا اِعلان کر۔ 3 اور کہہ اَے یہُوداؔہ کے بادشاہو اور یروشلیِم کے باشِندو! خُداوند کا کلام سُنو۔ ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دیکھو مَیں اِس جگہ پر اَیسی بلا نازِل کرُوں گا کہ جو کوئی اُس کی بابت سُنے اُس کے کان بھنّا جائیں گے۔ 4 کیونکہ اُنہوں نے مُجھے ترک کِیا اور اِس جگہ کو غَیروں کے لِئے ٹھہرایا اور اِس میں غَیر معبُودوں کے لِئے بخُور جلایا جِن کو نہ وہ نہ اُن کے باپ دادا نہ یہُوداؔہ کے بادشاہ جانتے تھے اور اِس جگہ کو بے گُناہوں کے خُون سے بھر دِیا۔ 5 اور بعل کے لِئے اُونچے مقام بنائے تاکہ اپنے بیٹوں کو بعل کی سوختنی قُربانِیوں کے لِئے آگ میں جلائیں جو نہ مَیں نے فرمایا نہ اُس کا ذِکر کِیا اور نہ کبھی یہ میرے خیال میں آیا۔ 6 اِس لِئے دیکھ وہ دِن آتے ہیں خُداوند فرماتا ہے کہ یہ جگہ نہ تُوفت کہلائے گی اور نہ بِن ہِنُّوؔم کی وادی بلکہ وادیِ قتل۔ 7 اور اِسی جگہ مَیں یہُوداؔہ اور یروشلیِم کا منصُوبہ باطِل کرُوں گا اور مَیں اَیسا کرُوں گا کہ وہ اپنے دُشمنوں کے آگے اور اُن کے ہاتھوں سے جو اُن کی جان کے خواہاں ہیں تلوار سے قتل ہوں گے اور مَیں اُن کی لاشیں ہوا کے پرِندوں کو اور زمِین کے درِندوں کو کھانے کو دُوں گا۔ 8 اور مَیں اِس شہر کو حَیرانی اور سُسکار کا باعِث بناؤُں گا۔ ہر ایک جو اِدھر سے گُذرے دنگ ہو گا اور اُس کی سب آفتوں کے سبب سے سُسکارے گا۔ 9 اور مَیں اُن کو اُن کے بیٹوں اور اُن کی بیٹِیوں کا گوشت کِھلاؤُں گا بلکہ ہر ایک دُوسرے کا گوشت کھائے گا۔ مُحاصرہ کے وقت اُس تنگی میں جِس سے اُن کے دُشمن اور اُن کی جان کے خواہاں اُن کو تنگ کریں گے۔
10 تب تُو اُس صُراحی کو اُن لوگوں کے سامنے جو تیرے ساتھ جائیں گے توڑ ڈالنا۔ 11 اور اُن سے کہنا کہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ مَیں اِن لوگوں اور اِس شہر کو اَیسا توڑُوں گا جِس طرح کوئی کُمہار کے برتن کو توڑ ڈالے جو پِھر درُست نہیں ہو سکتا اور لوگ تُوفت میں دفن کریں گے یہاں تک کہ دفن کرنے کو جگہ نہ رہے گی۔ 12 مَیں اِس جگہ اور اِس کے باشِندوں سے اَیسا ہی کرُوں گا۔ خُداوند فرماتا ہے چُنانچہ مَیں اِس شہر کو تُوفت کی مانِند کر دُوں گا۔ 13 اور یروشلیِم کے گھر اور یہُوداؔہ کے بادشاہوں کے گھر تُوفت کے مقام کی مانِند ناپاک ہو جائیں گے۔ ہاں وہ سب گھر جِن کی چھتوں پر اُنہوں نے تمام اجرامِ فلک کے لِئے بخُور جلایا اور غَیر معبُودوں کے لِئے تپاون تپائے۔
14 تب یَرمِیاؔہ تُوفت سے جہاں خُداوند نے اُسے نبُوّت کرنے کو بھیجا تھا واپس آیا اور خُداوند کے گھر کے صحن میں کھڑا ہو کر تمام لوگوں سے کہنے لگا۔ 15 ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دیکھو مَیں اِس شہر پر اور اِس کی سب بستِیوں پر وہ تمام بلا جو مَیں نے اِس پر بھیجنے کو کہا تھا لاؤُں گا اِس لِئے کہ اُنہوں نے نِہایت گردن کشی کی تاکہ میری باتوں کو نہ سُنیں۔
فشحُور کاہِن کے ساتھ یرمِیاہ کا جھگڑا
1 فشحُور بِن اِمّیر کاہِن نے جو خُداوند کے گھر میں سردار ناظِم تھا یَرمِیاؔہ کو یہ باتیں نبُوّت سے کہتے سُنا۔ 2 تب فشحُور نے یَرمِیاؔہ نبی کو مارا اور اُسے اُس کاٹھ میں ڈالا جو بِنیمِین کے بالائی پھاٹک میں خُداوند کے گھر میں تھا۔ 3 اور دُوسرے دِن یُوں ہوا کہ فشحُور نے یَرمِیاؔہ کو کاٹھ سے نِکالا۔ تب یَرمِیاؔہ نے اُسے کہا کہ خُداوند نے تیرا نام فشحُور نہیں بلکہ مُجورمِسّاؔبِیب رکھّا ہے۔ 4 کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں تُجھ کو تیرے لِئے اور تیرے سب دوستوں کے لِئے دہشت کا باعِث بناؤُں گا اور وہ اپنے دُشمنوں کی تلوار سے قتل ہوں گے اور تیری آنکھیں دیکھیں گی اور مَیں تمام یہُوداؔہ کو شاہِ بابل کے حوالہ کر دُوں گا اور وہ اُن کو اسِیر کر کے بابل میں لے جائے گا اور اُن کو تلوار سے قتل کرے گا۔ 5 اور مَیں اِس شہر کی ساری دَولت اور اِس کے تمام محاصِل اور اِس کی سب نفِیس چِیزوں کو اور یہُوداؔہ کے بادشاہوں کے سب خزانوں کو دے ڈالُوں گا۔ ہاں مَیں اُن کو اُن کے دُشمنوں کے حوالہ کر دُوں گا جو اُن کو لُوٹیں گے اور بابل کو لے جائیں گے۔ 6 اور اَے فشحُور تُو اور تیرا سارا گھرانا اَسِیری میں جاؤ گے اور تُو بابل میں پُہنچے گا اور وہاں مَرے گا اور وہِیں دفن کِیا جائے گا۔ تُو اور تیرے سب دوست جِن سے تُو نے جُھوٹی نبُوّت کی۔
یَرمِیاہ خُداوند سے شِکایت کرتا ہے
7 اَے خُداوند! تُو نے مُجھے ترغِیب دی ہے اور مَیں نے مان لِیا۔
تُو مُجھ سے توانا تھا اور تُو غالِب آیا۔
مَیں دِن بھر ہنسی کا باعِث بنتا ہُوں۔ ہر ایک
میری ہنسی اُڑاتا ہے۔
8 کیونکہ جب جب مَیں کلام کرتا ہُوں زور سے پُکارتا ہُوں۔
مَیں نے غضب اور ہلاکت کا اِعلان کِیا
کیونکہ خُداوند کا کلام دِن بھر میری ملامت اور ہنسی کا باعِث ہوتا ہے۔
9 اور اگر مَیں کہُوں کہ مَیں اُس کا ذِکر نہ کرُوں گا
نہ پِھر کبھی اُس کے نام سے کلام کرُوں گا
تو اُس کا کلام میرے دِل میں جلتی آگ کی مانِند ہے
جو میری ہڈِّیوں میں پوشِیدہ ہے
اور مَیں ضبط کرتے کرتے تھک گیا
اور مُجھ سے رہا نہیں جاتا۔
10 کیونکہ مَیں نے بُہتوں کی تُہمت سُنی۔
چاروں طرف دہشت ہے۔
اُس کی شکایت کرو۔ وہ کہتے ہیں
ہم اُس کی شِکایت کریں گے۔
میرے سب دوست میرے ٹھوکر کھانے کے مُنتظِر ہیں
اور کہتے ہیں شاید وہ ٹھوکر کھائے۔
تب ہم اُس پر غالِب آئیں گے اور اُس سے بدلہ لیں گے۔
11 لیکن خُداوند مُہِیب بہادُر کی مانِند میری طرف ہے۔
اِس لِئے مُجھے ستانے والوں نے ٹھوکر کھائی اور غالِب نہ آئے۔
وہ نِہایت شرمِندہ ہُوئے اِس لِئے کہ اُنہوں نے اپنا مقصد نہ پایا۔
اُن کی شرمِندگی ہمیشہ تک رہے گی۔ کبھی فراموش نہ ہو گی۔
12 پس اَے ربُّ الافواج! تُو جو صادِقوں کو آزماتا
اور دِل و دِماغ کو دیکھتا ہے
اُن سے بدلہ لے کر مُجھے دِکھا
اِس لِئے کہ مَیں نے اپنا دعویٰ تُجھ پر ظاہِر کِیا ہے۔
13 خُداوند کی مدح سرائی کرو۔ خُداوند کی سِتایش کرو کیونکہ اُس نے مِسکِین کی جان کو بدکرداروں کے ہاتھ سے چُھڑایا ہے۔
14 لَعنت اُس دِن پر جِس میں مَیں پَیدا ہُؤا۔
وہ دِن جِس میں میری ماں نے مُجھ کو جنم دِیا ہرگِز مُبارک نہ ہو۔
15 لَعنت اُس آدمی پر جِس نے میرے باپ کو یہ کہہ کر خبر دی کہ
تیرے ہاں بیٹا پَیدا ہُؤا اور اُسے بُہت خُوش کِیا۔
16 ہاں وہ آدمی اُن شہروں کی مانِند ہو
جِن کو خُداوند نے شِکست دی اور افسوس نہ کِیا
اور وہ صُبح کو خَوفناک شور سُنے
اور دوپہر کے وقت بڑی للکار۔
17 اِس لِئے کہ اُس نے مُجھے رَحِم ہی میں قتل نہ کِیا
کہ میری ماں میری قبر ہوتی اور اُس کا رَحِم ہمیشہ تک بھرا رہتا۔
18 مَیں پَیدا ہی کیوں ہُؤا
کہ مشقّت اور رنج دیکُھوں
اور میرے دِن رُسوائی میں کٹیں؟
یرُوشلیم کی شِکست کی پیشین گوئی
1 وہ کلام جو خُداوند کی طرف سے یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا جب صِدقِیاہ بادشاہ نے فشحُور بِن ملکیاہ اور صفنیاؔہ بِن معسیاؔہ کاہِن کو اُس کے پاس یہ کہنے کو بھیجا۔ 2 کہ ہماری خاطِر خُداوند سے دریافت کر کیونکہ شاہِ بابل نبُوکدؔرضر ہمارے ساتھ لڑائی کرتا ہے۔ شاید خُداوند ہم سے اپنے تمام عجِیب کاموں کے مُوافِق اَیسا سلُوک کرے کہ وہ ہمارے پاس سے چلا جائے۔
3 تب یَرمِیاؔہ نے اُن سے کہا تُم صِدقِیاہ سے یُوں کہنا۔ 4 کہ خُداوند اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں لڑائی کے ہتھیاروں کو جو تُمہارے ہاتھ میں ہیں جِن سے تُم شاہِ بابل اور کسدیوں کے خِلاف جو فصِیل کے باہر تُمہارا مُحاصرہ کِئے ہُوئے ہیں لڑتے ہو پھیر دُوں گا اور مَیں اُن کو اِس شہر کے بِیچ میں اِکٹّھے کرُوں گا۔ 5 اور مَیں آپ اپنے بڑھائے ہُوئے ہاتھ سے اور قُوّتِ بازُو سے تُمہارے خِلاف لڑُوں گا۔ ہاں قہر و غضب سے بلکہ قہرِ شدِید سے۔ 6 اور مَیں اِس شہر کے باشِندوں کو اِنسان و حَیوان دونوں کو مارُوں گا۔ وہ بڑی وبا سے فنا ہو جائیں گے۔ 7 اور خُداوند فرماتا ہے پِھر مَیں شاہِ یہُوداؔہ صِدقِیاہ کو اور اُس کے مُلازِموں اور عام لوگوں کو جو اِس شہر میں وبا اور تلوار اور کال سے بچ جائیں گے شاہِ بابل نبُوکدؔرضر اور اُن کے مُخالِفوں اور جانی دُشمنوں کے حوالہ کرُوں گا اور وہ اُن کو تِہ تیغ کرے گا۔ نہ اُن کو چھوڑے گا نہ اُن پر ترس کھائے گا اور نہ رحم کرے گا۔
8 اور تُو اِن لوگوں سے کہنا خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھو مَیں تُم کو حیات کی راہ اور مَوت کی راہ دِکھاتا ہُوں۔ 9 جو کوئی اِس شہر میں رہے گا وہ تلوار اور کال اور وبا سے مَرے گا لیکن جو نِکل کر کسدیوں میں جو تُم کو گھیرے ہُوئے ہیں چلا جائے گا وہ جِئے گا اور اُس کی جان اُس کے لِئے غنِیمت ہو گی۔ 10 کیونکہ مَیں نے اِس شہر کا رُخ کِیا ہے کہ اِس سے بُرائی کرُوں اور بھلائی نہ کرُوں۔ خُداوند فرماتا ہے وہ شاہِ بابل کے حوالہ کِیا جائے گا اور وہ اُسے آگ سے جلائے گا۔
یہُوداؔہ کے شاہی گھرانے پر قہر
11 اور شاہِ یہُوداؔہ کے خاندان کی بابت خُداوند کا کلام سُنو۔ 12 اَے داؤُد کے گھرانے! خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُم سویرے اُٹھ کر اِنصاف کرو اور مظلُوم کو ظالِم کے ہاتھ سے چُھڑاؤ مبادا تُمہارے کاموں کی بُرائی کے سبب سے میرا قہر آگ کی طرح بھڑکے اور اَیسا تیز ہو کہ کوئی اُسے ٹھنڈا نہ کر سکے۔ 13 اَے وادی کی بسنے والی! اَے مَیدان کی چٹان پر رہنے والی جو کہتی ہے کہ کَون ہم پر حملہ کرے گا یا ہمارے مسکنوں میں کَون آ گُھسے گا؟ خُداوند فرماتا ہے مَیں تیرا مُخالِف ہُوں۔ 14 اور تُمہارے کاموں کے پَھل کے مُوافِق مَیں تُم کو سزا دُوں گا خُداوند فرماتا ہے اور مَیں اُس کے بَن میں آگ لگاؤُں گا جو اُس کی ساری نواحی کو بھسم کرے گی۔
یَرمِیاہ کا پَیغام یہُوداؔہ کے شاہی گھرانے کے نام
1 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ شاہِ یہُوداؔہ کے گھر کو جا اور وہاں یہ کلام سُنا۔ 2 اور کہہ اَے شاہِ یہُوداؔہ جو داؤُد کے تخت پر بَیٹھا ہے! خُداوند کا کلام سُن۔ تُو اور تیرے مُلازِم اور تیرے لوگ جو اِن دروازوں سے داخِل ہوتے ہیں۔ 3 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ عدالت اور صداقت کے کام کرو اور مظلُوم کو ظالِم کے ہاتھ سے چُھڑاؤ اور کِسی سے بدسلُوکی نہ کرو اور مُسافِر و یتِیم اور بیوہ پر ظُلم نہ کرو اِس جگہ بے گُناہ کا خُون نہ بہاؤ۔ 4 کیونکہ اگر تُم اِس پر عمل کرو گے تو داؤُد کے جانشِین بادشاہ رتھوں پر اور گھوڑوں پر سوار ہو کر اِس گھر کے پھاٹکوں سے داخِل ہوں گے۔ بادشاہ اور اُس کے مُلازِم اور اُس کے لوگ۔ 5 پر اگر تُم اِن باتوں کو نہ سُنو گے تو خُداوند فرماتا ہے مُجھے اپنی ذات کی قَسم یہ گھر وِیران ہو جائے گا۔
6 کیونکہ شاہِ یہُوداؔہ کے گھرانے کی بابت خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اگرچہ تُو میرے لِئے جِلعاد ہے اور لُبناؔن کی چوٹی تَو بھی مَیں یقِیناً تُجھے اُجاڑ دُوں گا اور غَیر آباد شہر بناؤُں گا۔ 7 اور مَیں تیرے خِلاف غارت گروں کو مُقرّر کرُوں گا۔ ہر ایک کو اُس کے ہتھیاروں سمیت اور وہ تیرے نفِیس دیوداروں کو کاٹیں گے اور اُن کو آگ میں ڈالیں گے۔
8 اور بُہت سی قَومیں اِس شہر کی طرف سے گُذریں گی اور اُن میں سے ایک دُوسرے سے کہے گا کہ خُداوند نے اِس بڑے شہر سے اَیسا کیوں کِیا ہے؟ 9 تب وہ جواب دیں گے اِس لِئے کہ اُنہوں نے خُداوند اپنے خُدا کے عہد کو ترک کِیا اور غَیر معبُودوں کی عِبادت اور پرستِش کی۔
یہُوآخز کے بارے میں یرمِیاہ کا پَیغام
10 مُردہ پر نہ رو نہ نَوحہ کرو
مگر اُس پر جو چلا جاتا ہے زار زار نالہ کرو
کیونکہ وہ پِھر نہ آئے گا
نہ اپنے وطن کو دیکھے گا۔
11 کیونکہ شاہِ یہُوداؔہ سلُوؔم بِن یُوسیاؔہ کی بابت جو اپنے باپ یُوسیاؔہ کا جانشِین ہُؤا اور اِس جگہ سے چلا گیا خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ وہ پِھر اِس طرف نہ آئے گا۔ 12 بلکہ وہ اُسی جگہ مَرے گا جہاں اُسے اسِیر کر کے لے گئے ہیں اور اِس مُلک کو پِھر نہ دیکھے گا۔
یہُویقِیم کے بارے میں یرمِیاہ کا پَیغام
13 اُس پر افسوس جو اپنے گھر کو بے اِنصافی سے
اور اپنے بالا خانوں کو ظُلم سے بناتا ہے۔
جو اپنے پڑوسی سے بیگار لیتا ہے
اور اُس کی مزدُوری اُسے نہیں دیتا۔
14 جو کہتا ہے مَیں اپنے لِئے بڑا مکان اور ہوادار
بالاخانہ بناؤُں گا
اور وہ اپنے لِئے جھنجھریاں بناتا ہے
اور دیودار کی لکڑی کی چھت لگاتا ہے اور اُسے
شنگرفی کرتا ہے۔
15 کیا تُو اِسی لِئے سلطنت کرے گا
کہ تُجھے دیودار کے کام کا شَوق ہے؟
کیا تیرے باپ نے نہیں کھایا پِیا اور
عدالت و صداقت نہیں کی
جِس سے اُس کا بھلا ہُؤا؟
16 اُس نے مِسکِین اور مُحتاج کا اِنصاف کِیا۔ اِسی
سے اُس کا بھلا ہُؤا۔
کیا یِہی میرا عِرفان نہ تھا؟ خُداوند فرماتا ہے۔
17 پر تیری آنکھیں اور تیرا دِل فقط لالچ
اور بے گُناہ کا خُون بہانے
اور ظُلم و سِتم پر لگے ہیں۔
18 اِسی لِئے خُداوند یہُوؔیقِیم شاہِ یہُوداؔہ بِن یوسیاؔہ کی بابت یُوں فرماتا ہے کہ
اُس پر ہائے میرے بھائی! یا ہائے بہن! کہہ کر
ماتم نہیں کریں گے۔
اُس کے لِئے ہائے آقا! یا ہائے مالِک! کہہ کر
نَوحہ نہیں کریں گے۔
19 اُس کا دفن گدھے کا سا ہو گا۔
اُس کو گھسِیٹ کر یروشلیِم کے پھاٹکوں کے باہر
پھینک دیں گے۔
یروشلیِم کے اَنجام کے بارے میں یرمِیاہ کا پَیغام
20 تُو لُبناؔن پر چڑھ جا اور چِلاّ
اور بسن میں اپنی آواز بُلند کر
اور عبارِیم پر سے نالہ کر
کیونکہ تیرے سب چاہنے والے مارے گئے۔
21 مَیں نے تیری اِقبال مندی کے ایّام میں تُجھ سے کلام کِیا
پر تُو نے کہا مَیں نہ سنُوں گی۔
تیری جوانی سے تیری یِہی چال ہے
کہ تُو میری آواز کو نہیں سُنتی۔
22 ایک آندھی تیرے چرواہوں کو اُڑا لے جائے گی
اور تیرے عاشِق اَسِیری میں جائیں گے۔
تب تُو اپنی ساری شرارت کے لِئے
شرمسار اور پشیمان ہو گی۔
23 اَے لُبناؔن کی بسنے والی جو اپنا آشیانہ دیوداروں پر بناتی ہے
تُو کَیسی عاجِز ہو گی جب تُو زچّہ کی مانِند دردِ زِہ میں مُبتلا ہو گی!
یہُویاکین پر خُدا کا غضب
24 خُداوند فرماتا ہے مُجھے اپنی حیات کی قَسم اگرچہ تُو اَے شاہِ یہُوداؔہ کونیاؔہ بِن یہُویقِیم میرے دہنے ہاتھ کی انگُوٹھی ہوتا تَو بھی مَیں تُجھے نِکال پھینکتا۔ 25 اور مَیں تُجھ کو تیرے جانی دُشمنوں کے جِن سے تُو ڈرتا ہے یعنی شاہِ بابل نبُوکدؔرضر اور کسدیوں کے حوالہ کرُوں گا۔ 26 ہاں مَیں تُجھے اور تیری ماں کو جِس سے تُو پَیدا ہُؤا غَیر مُلک میں جو تُمہاری زادبُوم نہیں ہے ہانک دُوں گا اور تُم وہِیں مرو گے۔ 27 جِس مُلک میں وہ واپس آنا چاہتے ہیں ہرگِز لَوٹ کر نہ آئیں گے۔
28 کیا یہ شخص کونیاؔہ ناچِیز ٹُوٹا برتن ہے یا اَیسا برتن جِسے کوئی نہیں پُوچھتا؟ وہ اور اُس کی اَولاد کیوں نِکال دِئے گئے اور اَیسے مُلک میں جلاوطن کِئے گئے جِسے وہ نہیں جانتے؟
29 اَے زمِین زمِین زمِین! خُداوند کا کلام سُن۔
30 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ
اِس آدمی کو بے اَولاد لِکھو
جو اپنے دِنوں میں اِقبال مندی کا مُنہ نہ دیکھے گا
کیونکہ اُس کی اَولاد میں سے کبھی کوئی اَیسا اِقبال مند
نہ ہو گا کہ داؤُد کے تخت پر بَیٹھے اور یہُوداؔہ پر سلطنت کرے۔
مُستقبِل کے لِئے اُمّید
1 خُداوند فرماتا ہے اُن چرواہوں پر افسوس جو میری چراگاہ کی بھیڑوں کو ہلاک و پراگندہ کرتے ہیں! 2 اِس لِئے خُداوند اِسرائیل کا خُدا اُن چرواہوں کی مُخالفت میں جو میرے لوگوں کی چَوپانی کرتے ہیں یُوں فرماتا ہے کہ تُم نے میرے گلّہ کو پراگندہ کِیا اور اُن کو ہانک کر نِکال دِیا اور نِگہبانی نہیں کی۔ دیکھو مَیں تُمہارے کاموں کی بُرائی تُم پر لاؤُں گا خُداوند فرماتا ہے۔ 3 پر مَیں اُن کو جو میرے گلّہ سے بچ رہے ہیں تمام مُمالِک سے جہاں جہاں مَیں نے اُن کو ہانک دِیا تھا جمع کر لُوں گا اور اُن کو پِھر اُن کے گلّہ خانوں میں لاؤُں گا اور وہ پھلیں گے اور بڑھیں گے۔ 4 اور مَیں اُن پر اَیسے چَوپان مُقرّر کرُوں گا جو اُن کو چرائیں گے اور وہ پِھر نہ ڈریں گے نہ گھبرائیں گے نہ گُم ہوں گے خُداوند فرماتا ہے۔
5 دیکھ وہ دِن آتے ہیں خُداوند فرماتا ہے کہ مَیں داؤُد کے لِئے ایک صادِق شاخ پَیدا کرُوں گا اور اُس کی بادشاہی مُلک میں اِقبال مندی اور عدالت اور صداقت کے ساتھ ہو گی۔ 6 اُس کے ایّام میں یہُوداؔہ نجات پائے گا اور اِسرائیل سلامتی سے سکُونت کرے گا اور اُس کا نام یہ رکھّا جائے گا خُداوند ہماری صداقت۔
7 اِسی لِئے دیکھ وہ دِن آتے ہیں خُداوند فرماتا ہے کہ وہ پِھر نہ کہیں گے کہ زِندہ خُداوند کی قَسم جو بنی اِسرائیل کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال لایا۔ 8 بلکہ زِندہ خُداوند کی قَسم جو اِسرائیل کے گھرانے کی اَولاد کو شِمال کی سرزمِین سے اور اُن سب مُملکتوں سے جہاں جہاں مَیں نے اُن کو ہانک دِیا تھا نِکال لایا اور وہ اپنے مُلک میں بسیں گے۔
نبیوں کے بارے میں یرمِیاہ کا پَیغام
9 نبِیوں کی بابت۔ میرا دِل میرے اندر ٹُوٹ گیا۔
میری سب ہڈِّیاں تھرتھراتی ہیں۔
خُداوند اور اُس کے پاک کلام کے سبب سے
مَیں متوالا سا ہُوں
اور اُس شخص کی مانِند جو مَے سے مغلُوب ہو۔
10 یقِیناً زمِین بدکاروں سے پُر ہے۔
لَعنت کے سبب سے زمِین ماتم کرتی ہے۔
مَیدان کی چراگاہیں سُوکھ گئِیں
کیونکہ اُن کی روِش بُری اور اُن کا زور ناحق ہے۔
11 کہ نبی اور کاہِن دونوں ناپاک ہیں۔
ہاں مَیں نے اپنے گھر کے اندر اُن کی شرارت دیکھی
خُداوند فرماتا ہے۔
12 اِس لِئے اُن کے راہ اُن کے حق میں اَیسی ہو گی
جَیسے تارِیکی میں پِھسلنی جگہ۔
وہ اُس میں رگیدے جائیں گے اور وہاں
گِریں گے
کیونکہ خُداوند فرماتا ہے
مَیں اُن پر بلا لاؤُں گا
یعنی اُن کی سزا کا سال۔
13 اور مَیں نے سامرِؔیہ کے نبِیوں میں حماقت
دیکھی ہے
اُنہوں نے بعل کے نام سے نبُوّت کی
اور میری قَوم اِسرائیل کو گُمراہ کِیا۔
14 مَیں نے یروشلیِم کے نبِیوں میں بھی
ایک ہَولناک بات دیکھی۔
وہ زِنا کار جُھوٹ کے پیرَو
اور بدکاروں کے حامی ہیں
یہاں تک کہ کوئی اپنی شرارت سے باز نہیں آتا۔
وہ سب میرے نزدِیک سدُوؔم کی مانِند اور
اُس کے باشِندے عمُورؔہ کی مانِند ہیں۔
15 اِسی لِئے ربُّ الافواج نبِیوں کی بابت یُوں فرماتا ہے کہ
دیکھ مَیں اُن کو ناگدَونا کِھلاؤُں گا
اور اِندراین کا پانی پِلاؤُں گا
کیونکہ یروشلیِم کے نبیوں ہی سے تمام مُلک میں
بے دِینی پَھیلی ہے۔
16 ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ اُن نبِیوں کی باتیں نہ سُنو جو تُم سے نبُوّت کرتے ہیں۔ وہ تُم کو بطالت کی تعلیِم دیتے ہیں۔ وہ اپنے دِلوں کے اِلہام بیان کرتے ہیں نہ کہ خُداوند کے مُنہ کی باتیں۔ 17 وہ مُجھے حقِیر جاننے والوں سے کہتے رہتے ہیں خُداوند نے فرمایا ہے کہ تُمہاری سلامتی ہو گی اور ہر ایک سے جو اپنے دِل کی سختی پر چلتا ہے کہتے ہیں کہ تُجھ پر کوئی بلا نہ آئے گی۔
18 پر اُن میں سے کَون خُداوند کی مجلِس میں شامِل ہُؤا کہ اُس کا کلام سُنے اور سمجھے؟ کِس نے اُس کے کلام کی طرف توجُّہ کی اور اُس پر کان لگایا؟ 19 دیکھ خُداوند کے قہرِ شدِید کا طُوفان جاری ہُؤا ہے بلکہ طُوفان کا بگُولا شرِیروں کے سر پر ٹُوٹ پڑے گا۔ 20 خُداوند کا غضب پِھر مَوقُوف نہ ہو گا جب تک اُسے انجام تک نہ پُہنچائے اور اُس کے دِل کے اِرادہ کو پُورا نہ کرے۔ تُم آنے والے دِنوں میں اُسے بخُوبی معلُوم کرو گے۔
21 مَیں نے اِن نبِیوں کو نہیں بھیجا پر یہ دَوڑتے پِھرے۔ مَیں نے اِن سے کلام نہیں کِیا پر اِنہوں نے نبُوّت کی۔ 22 لیکن اگر وہ میری مجلِس میں شامِل ہوتے تو میری باتیں میرے لوگوں کو سُناتے اور اُن کو اُن کی بُری راہ سے اور اُن کے کاموں کی بُرائی سے باز رکھتے۔
23 خُداوند فرماتا ہے کیا مَیں نزدِیک ہی کا خُدا ہُوں اور دُور کا خُدا نہیں؟ 24 کیا کوئی آدمی پوشِیدہ جگہوں میں چِھپ سکتا ہے کہ مَیں اُسے نہ دیکُھوں؟ خُداوند فرماتا ہے کیا زمِین و آسمان مُجھ سے معمُور نہیں ہیں؟ خُداوند فرماتا ہے۔ 25 مَیں نے سُنا جو نبِیوں نے کہا جو میرا نام لے کر جُھوٹی نبُوّت کرتے اور کہتے ہیں کہ مَیں نے خواب دیکھا۔ مَیں نے خواب دیکھا۔ 26 کب تک یہ نبِیوں کے دِل میں رہے گا کہ جُھوٹی نبُوّت کریں؟ ہاں وہ اپنے دِل کی فریب کاری کے نبی ہیں۔ 27 جو گُمان رکھتے ہیں کہ اپنے خوابوں سے جو اُن میں سے ہر ایک اپنے پڑوسی سے بیان کرتا ہے میرے لوگوں کو میرا نام بُھلا دیں جِس طرح اُن کے باپ دادا بعل کے سبب سے میرا نام بُھول گئے تھے۔ 28 جِس نبی کے پاس خواب ہے وہ خواب بیان کرے اور جِس کے پاس میرا کلام ہے وہ میرے کلام کو دِیانت داری سے سُنائے۔ گیہُوں کو بُھوسے سے کیا نِسبت؟ خُداوند فرماتا ہے۔ 29 کیا میرا کلام آگ کی مانِند نہیں ہے؟ خُداوند فرماتا ہے اور ہتھوڑے کی مانِند جو چٹان کو چِکنا چُور کر ڈالتا ہے؟ 30 اِس لِئے دیکھ مَیں اُن نبِیوں کا مُخالِف ہُوں خُداوند فرماتا ہے جو ایک دُوسرے سے میری باتیں چُراتے ہیں۔ 31 دیکھ مَیں اُن نبِیوں کا مُخالِف ہُوں خُداوند فرماتا ہے جو اپنی زُبان کو اِستعمال کرتے اور کہتے ہیں کہ خُدا فرماتا ہے۔ 32 خُداوند فرماتا ہے دیکھ مَیں اُن کا مُخالِف ہُوں جو جُھوٹے خوابوں کو نبُوّت کہتے اور بیان کرتے ہیں اور اپنی جُھوٹی باتوں سے اور لاف زنی سے میرے لوگوں کو گُمراہ کرتے ہیں لیکن مَیں نے نہ اُن کو بھیجا نہ حُکم دِیا اِس لِئے اِن لوگوں کو اُن سے ہرگِز فائِدہ نہ ہو گا خُداوند فرماتا ہے۔
خُداوند کے دِل کا بوجھ
33 اور جب یہ لوگ یا نبی یا کاہِن تُجھ سے پُوچھیں کہ خُداوند کی طرف سے بارِ نبُوّت کیا ہے؟ تب تُو اُن سے کہنا کَون سا بارِ نبُوّت! خُداوند فرماتا ہے مَیں تُم کو پھینک دُوں گا۔ 34 اور نبی اور کاہِن اور لوگوں میں سے جو کوئی کہے خُداوند کی طرف سے بارِ نبُوّت مَیں اُس شخص کو اور اُس کے گھرانے کو سزا دُوں گا۔ 35 چاہِئے کہ ہر ایک اپنے پڑوسی اور اپنے بھائی سے یُوں کہے کہ خُداوند نے کیا جواب دِیا؟ اور خُداوند نے کیا فرمایا ہے؟ 36 پر خُداوند کی طرف سے بارِ نبُوّت کا ذِکر تُم کبھی نہ کرنا اِس لِئے کہ ہر ایک آدمی کی اپنی ہی باتیں اُس پر بار ہوں گی کیونکہ تُم نے زِندہ خُدا ربُّ الافواج ہمارے خُدا کے کلام کو بِگاڑ ڈالا ہے۔ 37 تُو نبی سے یُوں کہنا کہ خُداوند نے تُجھے کیا جواب دِیا؟ اور خُداوند نے کیا فرمایا؟ 38 لیکن چُونکہ تُم کہتے ہو خُداوند کی طرف سے بارِ نبُوّت اِس لِئے خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ چُونکہ تُم کہتے ہو خُداوند کی طرف سے بارِ نبُوّت اور مَیں نے تُم کو کہلا بھیجا کہ خُداوند کی طرف سے بارِ نبُوّت نہ کہو۔ 39 اِس لِئے دیکھو مَیں تُم کو بِالکُل فراموش کر دُوں گا اور تُم کو اور اِس شہر کو جو مَیں نے تُم کو اور تُمہارے باپ دادا کو دِیا اپنی نظر سے دُور کر دُوں گا۔ 40 اور مَیں تُم کو ہمیشہ کی ملامت کا نِشانہ بناؤُں گا اور ابدی خجالت تُم پر لاؤُں گا جو کبھی فراموش نہ ہو گی۔
اِنجِیر کی ٹوکریاں
1 جب شاہِ بابل نبُوکدنضرؔ شاہِ یہُوداؔہ یکُونیاؔہ بِن یہُویقِیم کو اور یہُوداؔہ کے اُمرا کو کارِیگروں اور لُہاروں سمیت یروشلیِم سے اسِیر کر کے بابل کو لے گیا تو خُداوند نے مُجھ پر نُمایاں کِیا اور کیا دیکھتا ہُوں کہ خُداوند کی ہَیکل کے سامنے اِنجِیر کی دو ٹوکریاں دھری تِھیں۔ 2 ایک ٹوکری میں اچّھے سے اچّھے اِنجِیر تھے۔ اُن کی مانِند جو پہلے پکتے ہیں اور دُوسری ٹوکری میں نِہایت خراب اِنجِیر تھے۔ اَیسے خراب کہ کھانے کے قابِل نہ تھے۔ 3 اور خُداوند نے مُجھ سے فرمایا اَے یَرمِیاؔہ! تُو کیا دیکھتا ہے؟
اور مَیں نے عرض کی اِنجِیر۔ اچّھے اِنجِیر۔ نِہایت اچّھے اور خراب اِنجِیر۔ بُہت خراب۔ اَیسے خراب کہ کھانے کے قابِل نہیں۔
4 پِھر خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا کہ 5 خُداوند اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ اِن اچّھے اِنجِیروں کی مانِند مَیں یہُوداؔہ کے اُن اسِیروں پر جِن کو مَیں نے اِس مقام سے کسدیوں کے مُلک میں بھیجا ہے کرم کی نظر رکُھّوں گا۔ 6 کیونکہ اُن پر میری نظرِ عِنایت ہو گی اور مَیں اُن کو اِس مُلک میں واپس لاؤُں گا اور مَیں اُن کو برباد نہیں بلکہ آباد کرُوں گا۔ مَیں اُن کو لگاؤُں گا اور اُکھاڑُوں گا نہیں۔ 7 اور مَیں اُن کو اَیسا دِل دُوں گا کہ مُجھے پہچانیں کہ مَیں خُداوند ہُوں اور وہ میرے لوگ ہوں گے اور مَیں اُن کا خُدا ہُوں گا اِس لِئے کہ وہ پُورے دِل سے میری طرف پِھریں گے۔
8 پر اُن خراب اِنجِیروں کی بابت جو اَیسے خراب ہیں کہ کھانے کے قابِل نہیں خُداوند یقِیناً یُوں فرماتا ہے کہ اِسی طرح مَیں شاہِ یہُوداؔہ صِدقیاہ کو اور اُس کے اُمرا کو اور یروشلیِم کے باقی لوگوں کو جو اِس مُلک میں بچ رہے ہیں اور مُلکِ مِصرؔ میں بستے ہیں ترک کر دُوں گا۔ 9 ہاں مَیں اُن کو ترک کر دُوں گا کہ دُنیا کی سب مُملکتوں میں دھکّے کھاتے پِھریں تاکہ وہ ہر ایک جگہ میں جہاں جہاں مَیں اُن کو ہانک دُوں گا ملامت اور مِثل اور طَعن اور لَعنت کا باعِث ہوں۔ 10 اور مَیں اُن میں تلوار اور کال اور وبا بھیجُوں گا یہاں تک کہ وہ اُس مُلک سے جو مَیں نے اُن کو اور اُن کے باپ دادا کو دِیا نیست ہو جائیں گے۔
شِمال کی طرف سے دُشمن
1 وہ کلام جو شاہِ یہُوداؔہ یہویقِیم بِن یوسیاؔہ کے چَوتھے برس میں جو شاہِ بابل نبُوکدنضرؔ کا پہلا برس تھا یہُوداؔہ کے سب لوگوں کی بابت یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا۔ 2 جو یَرمِیاؔہ نبی نے یہُوداؔہ کے سب لوگوں اور یروشلیِم کے سب باشِندوں کو سُنایا اور کہا۔ 3 کہ شاہِ یہُوداؔہ یوسیاؔہ بِن آمُوؔن کے تیرھویں برس سے آج تک یہ تیئِیس برس خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہوتا رہا اور مَیں تُم کو سُناتا اور بر وقت جتاتا رہا پر تُم نے نہ سُنا۔ 4 اور خُداوند نے اپنے سب خِدمت گُذار نبِیوں کو تُمہارے پاس بھیجا۔ اُس نے اُن کو بر وقت بھیجا پر تُم نے نہ سُنا اور نہ کان لگایا۔ 5 اُنہوں نے کہا کہ تُم سب اپنی اپنی بُری راہ سے اور اپنے بُرے کاموں سے باز آؤ اور اُس مُلک میں جو خُداوند نے تُم کو اور تُمہارے باپ دادا کو قدِیم سے ہمیشہ کے لِئے دِیا ہے بسو۔ 6 اور غَیر معبُودوں کی پَیروی نہ کرو کہ اُن کی عِبادت و پرستِش کرو اور اپنے ہاتھوں کے کاموں سے مُجھے غضب ناک نہ کرو اور مَیں تُم کو کُچھ ضرر نہ پُہنچاؤُں گا۔ 7 پر خُداوند فرماتا ہے تُم نے میری نہ سُنی تاکہ اپنے ہاتھوں کے کاموں سے اپنے زِیان کے لِئے مُجھے غضب ناک کرو۔
8 اِس لِئے ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ چُونکہ تُم نے میری بات نہ سُنی۔ 9 دیکھو مَیں تمام شِمالی قبائِل کو اور اپنے خِدمت گُذار شاہِ بابل نبُوکدؔرضر کو بُلا بھیجُوں گا خُداوند فرماتا ہے اور مَیں اُن کو اِس مُلک اور اِس کے باشِندوں پر اور اِن سب قَوموں پر جو آس پاس ہیں چڑھا لاؤُں گا اور اِن کو بِالکُل نیست و نابُود کر دُوں گا اور اِن کو حَیرانی اور سُسکار کا باعِث بناؤُں گا اور ہمیشہ کے لِئے وِیران کرُوں گا۔ 10 بلکہ مَیں اِن میں سے خُوشی و شادمانی کی آواز دُلہے اور دُلہن کی آواز چکّی کی آواز اور چراغ کی رَوشنی مَوقُوف کر دُوں گا۔ 11 اور یہ ساری سرزمِین وِیرانہ اور حَیرانی کا باعِث ہو جائے گی اور یہ قَومیں ستّر برس تک شاہِ بابل کی غُلامی کریں گی۔ 12 خُداوند فرماتا ہے جب ستّر برس پُورے ہوں گے تو مَیں شاہِ بابل کو اور اُس قَوم کو اور کسدیوں کے مُلک کو اُن کی بدکرداری کے سبب سے سزا دُوں گا اور مَیں اُسے اَیسا اُجاڑُوں گا کہ ہمیشہ تک وِیران رہے۔ 13 اور مَیں اُس مُلک پر اپنی سب باتیں جو مَیں نے اُس کی بابت کہِیں یعنی وہ سب جو اِس کِتاب میں لِکھی ہیں جو یَرمِیاؔہ نے نبُوّت کر کے سب قَوموں کو کہہ سُنائِیں پُوری کرُوں گا۔ 14 کہ اُن سے ہاں اُن ہی سے بُہت سی قَومیں اور بڑے بڑے بادشاہ غُلام کی سی خِدمت لیں گے۔ تب مَیں اُن کے اَعمال کے مُطابِق اور اُن کے ہاتھوں کے کاموں کے مُطابِق اُن کو بدلہ دُوں گا۔
قَوموں پر خُداوند کا غضب
15 چُونکہ خُداوند اِسرائیل کے خُدا نے مُجھے فرمایا کہ غضب کی مَے کا یہ پِیالہ میرے ہاتھ سے لے اور اُن سب قَوموں کو جِن کے پاس مَیں تُجھے بھیجتا ہُوں پِلا۔ 16 کہ وہ پِئیں اور لڑکھڑائیں اور اُس تلوار کے سبب سے جو مَیں اُن کے درمِیان چلاؤُں گا بے حواس ہوں۔
17 اِس لِئے مَیں نے خُداوند کے ہاتھ سے وہ پِیالہ لِیا اور اُن سب قَوموں کو جِن کے پاس خُداوند نے مُجھے بھیجا تھا پِلایا۔ 18 یعنی یروشلیِم اور یہُوداؔہ کے شہروں کو اور اُس کے بادشاہوں اور اُمرا کو تاکہ وہ برباد ہوں اور حَیرانی اور سُسکار اور لَعنت کا باعِث ٹھہریں جَیسے اب ہیں۔
19 شاہِ مِصرؔ فرِعونؔ کو اور اُس کے مُلازِموں اور اُس
کے اُمرا اور اُس کے سب لوگوں کو۔ 20 اور
سب مِلے جُلے لوگوں
اور عُوض کی زمِین کے سب بادشاہوں
اور فلِستِیوں کی سرزمِین کے سب بادشاہوں
اور اسقلُوؔن اور غزّہ اور عقرُوؔن اور اشدُود کے
باقی لوگوں کو۔
21 ادُوؔم اور موآؔب اور بنی عمُّون کو۔
22 اور صُور کے سب بادشاہوں اور صَیدا کے سب
بادشاہوں
اور سمُندر پار کے بحری مُمالِک کے بادشاہوں کو۔
23 ددان اور تیما اور بُوز
اور اُن سب کو جو گاو دُم داڑھی رکھتے ہیں۔
24 اور عرب کے سب بادشاہوں
اور اُن مِلے جُلے لوگوں کے سب بادشاہوں کو جو
بیابان میں بستے ہیں۔
25 اور زِمرؔی کے سب بادشاہوں اور عیلاؔم کے سب
بادشاہوں اور مادَی کے سب بادشاہوں کو۔
26 اور شِمال کے سب بادشاہوں کو جو نزدِیک اور جو
دُور ہیں ایک دُوسرے کے ساتھ
اور دُنیا کی سب سلطنتوں کو جو رُویِ زمِین پر ہیں اور اُن کے بعد شیشک کا بادشاہ پِئے گا۔
27 اور تُو اُن سے کہے گا کہ اِسرائیل کا خُدا ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ تُم پِیو اور مست ہو اور قَے کرو اور گِر پڑو اور پِھر نہ اُٹھو۔ اُس تلوار کے سبب سے جو مَیں تُمہارے درمِیان بھیجُوں گا۔ 28 اور یُوں ہو گا کہ اگر وہ پِینے کو تیرے ہاتھ سے پِیالہ لینے سے اِنکار کریں تو اُن سے کہنا کہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ یقِیناً تُم کو پِینا ہو گا۔ 29 کیونکہ دیکھ مَیں اِس شہر پر جو میرے نام سے کہلاتا ہے آفت لانا شرُوع کرتا ہُوں اور کیا تُم صاف بے سزا چُھوٹ جاؤ گے؟ تُم بے سزا نہ چُھوٹو گے کیونکہ مَیں زمِین کے سب باشِندوں پر تلوار کو طلب کرتا ہُوں ربُّ الافواج فرماتا ہے۔
30 اِس لِئے تُو یہ سب باتیں اُن کے خِلاف نبُوّت سے بیان کر اور اُن سے کہہ دے کہ
خُداوند بُلندی پر سے گرجے گا
اور اپنے مُقدّس مکان سے للکارے گا۔
وہ بڑے زور و شور سے اپنی چراگاہ پر گرجے گا۔
انگُور لتاڑنے والوں کی مانِند
وہ زمِین کے سب باشِندوں کو للکارے گا۔
31 ایک غَوغا زمِین کی سرحدّوں تک پُہنچا ہے
کیونکہ خُداوند قَوموں سے جھگڑے گا۔
وہ تمام بشر کو عدالت میں لائے گا۔ وہ شرِیروں
کو تلوار کے حوالہ کرے گا
خُداوند فرماتا ہے۔
32 ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ قَوم سے قَوم تک بَلا نازِل ہو گی اور زمِین کی سرحدّوں سے ایک سخت طُوفان برپا ہو گا۔ 33 اور خُداوند کے مقتُول اُس روز زمِین کے ایک سِرے سے دُوسرے سِرے تک پڑے ہوں گے اُن پر کوئی نَوحہ نہ کرے گا۔ نہ وہ جمع کِئے جائیں گے نہ دفن ہوں گے وہ کھاد کی طرح رُویِ زمِین پر پڑے رہیں گے۔
34 اَے چرواہو واوَیلا کرو اور چِلاّؤ اور اَے گلّہ کے سردارو تُم خُود راکھ میں لیٹ جاؤ کیونکہ تُمہارے قتل کے ایّام آ پُہنچے ہیں۔ مَیں تُم کو چکنا چُور کرُوں گا۔ تُم نفِیس برتن کی طرح گِر جاؤ گے۔ 35 اور نہ چرواہوں کو بھاگنے کی کوئی راہ مِلے گی نہ گلّہ کے سرداروں کو بچ نِکلنے کی۔ 36 چرواہوں کے نالہ کی آواز اور گلّہ کے سرداروں کا نَوحہ ہے کیونکہ خُداوند نے اُن کی چراگاہ کو برباد کِیا ہے۔ 37 اور سلامتی کے بھیڑ خانے خُداوند کے قہرِ شدِید سے برباد ہو گئے۔ 38 وہ جوان شیر کی طرح اپنی کمِین گاہ سے نِکلا ہے۔ یقِیناً سِتم گر کے ظُلم سے اور اُس کے قہر کی شِدّت سے اُن کا مُلک وِیران ہو گیا۔
یرمِیاہ پر مُقدّمہ
1 شاہِ یہُوداؔہ یہویقِیم بِن یوسیاؔہ کی بادشاہی کے شرُوع میں یہ کلام خُداوند کی طرف سے نازِل ہُؤا۔ 2 کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُو خُداوند کے گھر کے صحن میں کھڑا ہو اور یہُوداؔہ کے سب شہروں کے لوگوں سے جو خُداوند کے گھر میں سِجدہ کرنے کو آتے ہیں وہ سب باتیں جِن کا مَیں نے تُجھے حُکم دِیا ہے کہ اُن سے کہے کہہ دے۔ ایک لفظ بھی کم نہ کر۔ 3 شاید وہ شِنوا ہوں اور ہر ایک اپنی بُری روِش سے باز آئے اور مَیں بھی اُس عذاب کو جو اُن کی بد اَعمالی کے باعِث اُن پر لانا چاہتا ہُوں باز رَکُھّوں۔
4 اور تُو اُن سے کہنا خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اگر تُم میری نہ سُنو گے کہ میری شرِیعت پر جو مَیں نے تُمہارے سامنے رکھّی عمل کرو۔ 5 اور میرے خِدمت گُذار نبِیوں کی باتیں سُنو جِن کو مَیں نے تُمہارے پاس بھیجا۔ مَیں نے اُن کو بر وقت بھیجا پر تُم نے نہ سُنا۔ 6 تو مَیں اِس گھر کو سیَلا کی مانِند کر ڈالُوں گا اور اِس شہر کو زمِین کی سب قَوموں کے نزدِیک لَعنت کا باعِث ٹھہراؤُں گا۔
7 چُنانچہ کاہِنوں اور نبِیوں اور سب لوگوں نے یَرمِیاؔہ کو خُداوند کے گھر میں یہ باتیں کہتے سُنا۔ 8 اور یُوں ہُؤا کہ جب یَرمِیاؔہ وہ سب باتیں کہہ چُکا جو خُداوند نے اُسے حُکم دِیا تھا کہ سب لوگوں سے کہے تو کاہِنوں اور نبِیوں اور سب لوگوں نے اُسے پکڑا اور کہا کہ تُو یقِیناً قتل کِیا جائے گا۔ 9 تُو نے کیوں خُداوند کا نام لے کر نبُوّت کی اور کہا کہ یہ گھر سَیلا کی مانِند ہو گا اور یہ شہر وِیران اور غَیر آباد ہو گا؟ اور سب لوگ خُداوند کے گھر میں یَرمِیاؔہ کے پاس جمع ہُوئے۔
10 اور یہُوداؔہ کے اُمرا یہ باتیں سُن کر بادشاہ کے گھر سے خُداوند کے گھر میں آئے اور خُداوند کے گھر کے نئے پھاٹک کے مدخل پر بَیٹھے۔ 11 اور کاہِنوں اور نبِیوں نے اُمرا سے اور سب لوگوں سے مُخاطِب ہو کر کہا کہ یہ شخص واجِبُ القتل ہے کیونکہ اِس نے اِس شہر کے خِلاف نبُوّت کی ہے جَیسا کہ تُم نے اپنے کانوں سے سُنا۔
12 تب یَرمِیاؔہ نے سب اُمرا اور تمام لوگوں سے مُخاطِب ہو کر کہا کہ خُداوند نے مُجھے بھیجا کہ اِس گھر اور اِس شہر کے خِلاف وہ سب باتیں جو تُم نے سُنی ہیں نبُوّت سے کہُوں۔ 13 اِس لِئے اب تُم اپنی روِش اور اپنے اعمال کو درُست کرو اور خُداوند اپنے خُدا کی آواز کے شِنوا ہو تاکہ خُداوند اُس عذاب سے جِس کا تُمہارے خِلاف اِعلان کِیا ہے باز رہے۔ 14 اور دیکھو مَیں تو تُمہارے قابُو میں ہُوں۔ جو کُچھ تُمہاری نظر میں خُوب و راست ہو مُجھ سے کرو۔ 15 پر یقِین جانو کہ اگر تُم مُجھے قتل کرو گے تو بے گُناہ کا خُون اپنے آپ پر اور اِس شہر پر اور اِس کے باشِندوں پر لاؤ گے کیونکہ در حقِیقت خُداوند نے مُجھے تُمہارے پاس بھیجا ہے کہ تُمہارے کانوں میں یہ سب باتیں کہُوں۔
16 تب اُمرا اور سب لوگوں نے کاہِنوں اور نبِیوں سے کہا کہ یہ شخص واجِبُ القتل نہیں کیونکہ اُس نے خُداوند ہمارے خُدا کے نام سے ہم سے کلام کِیا۔
17 تب مُلک کے چند بزُرگ اُٹھے اور کُل جماعت سے مُخاطِب ہو کر کہنے لگے۔ 18 کہ مِیکاؔہ مورشتی نے شاہِ یہُوداؔہ حِزقیاہ کے ایّام میں نبُوّت کی اور یہُوداؔہ کے سب لوگوں سے مُخاطِب ہو کر یُوں کہا کہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ
صِیُّون کھیت کی طرح جوتا جائے گا
اور یروشلیِم کھنڈر ہو جائے گا
اور اِس گھر کا پہاڑ جنگل کی اُونچی جگہوں کی
مانِند ہو گا۔
19 کیا شاہِ یہُوداؔہ حِزقِیّاہ اور تمام یہُوداؔہ نے اُس کو قتل کِیا؟ کیا وہ خُداوند سے نہ ڈرا اور خُداوند سے مُناجات نہ کی اور خُداوند نے اُس عذاب کو جِس کا اُن کے خِلاف اِعلان کِیا تھا باز نہ رکھّا؟ پس یُوں ہم اپنی جانوں پر بڑی آفت لائیں گے۔
20 پِھر ایک اَور شخص نے خُداوند کے نام سے نبُوّت کی یعنی اُورِیّاؔہ بِن سمعیاؔہ نے جو قِریت یعرِؔیم کا تھا۔ اُس نے اِس شہر اور مُلک کے خِلاف یَرمِیاؔہ کی سب باتوں کے مُطابِق نبُوّت کی۔ 21 اور جب یہویقِیم بادشاہ اور اُس کے سب جنگی مَردوں اور اُمرا نے اُس کی باتیں سُنِیں تو بادشاہ نے اُسے قتل کرنا چاہا لیکن اُوریاؔہ یہ سُن کر ڈرا اور مِصرؔ کو بھاگ گیا۔ 22 اور یہویقِیم بادشاہ نے چند آدمِیوں یعنی اِلناتن بِن عکبُور اور اُس کے ساتھ کُچھ اَور آدمیوں کو مِصرؔ میں بھیجا۔ 23 اور وہ اُوریاؔہ کو مِصرؔ سے نِکال لائے اور اُسے یہویقِیم بادشاہ کے پاس پُہنچایا اور اُس نے اُس کو تلوار سے قتل کِیا اور اُس کی لاش کو عوام کے قبرستان میں پِھنکوا دِیا۔
24 پر اخیقاؔم بِن سافن یَرمِیاؔہ کا دستگِیر تھا تاکہ وہ قتل ہونے کے لِئے لوگوں کے حوالہ نہ کِیا جائے۔
یَرمِیاہ جُؤا پہنتا ہے
1 شاہِ یہُوداؔہ صِدقیاؔہ بِن یوسیاؔہ کی سلطنت کے شرُوع میں خُداوند کی طرف سے یہ کلام یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا۔ 2 کہ خُداوند نے مُجھے یُوں فرمایا کہ بندھن اور جُوئے بنا کر اپنی گردن پر ڈال۔ 3 اور اُن کو شاہِ ادُوؔم۔ شاہِ موآب۔ شاہِ بنی عمُّون شاہِ صُور اور شاہِ صیدا کے پاس اُن قاصِدوں کے ہاتھ بھیج جو یروشلیِم میں شاہِ یہُوداؔہ صِدقیاہ کے پاس آئے ہیں۔ 4 اور تُو اُن کو اُن کے آقاؤں کے واسطے تاکِید کر کہ ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ تُم اپنے آقاؤں سے یُوں کہنا۔ 5 کہ مَیں نے زمِین کو اور اِنسان و حَیوان کو جو رُویِ زمِین پر ہیں اپنی بڑی قُدرت اور بُلند بازُو سے پَیدا کِیا اور اُن کو جِسے مَیں نے مُناسِب جانا بخشا۔ 6 اور اب مَیں نے یہ سب مُملکتیں اپنے خِدمت گُذار شاہِ بابل نبُوکدؔنضر کے قبضہ میں کر دی ہیں اور مَیدان کے جانور بھی اُسے دِئے کہ اُس کے کام آئیں۔ 7 اور سب قَومیں اُس کی اور اُس کے بیٹے اور اُس کے پوتے کی خِدمت کریں گی جب تک کہ اُس کی مُملکت کا وقت نہ آئے۔ تب بُہت سی قَومیں اور بڑے بڑے بادشاہ اُس سے خِدمت کروائیں گے۔
8 اور خُداوند فرماتا ہے جو قَوم اور جو سلطنت اُس کی یعنی شاہِ بابل نبُوکدؔنضر کی خِدمت نہ کرے گی اور اپنی گردن شاہِ بابل کے جُوئے تلے نہ جُھکائے گی اُس قَوم کو مَیں تلوار اور کال اور وبا سے سزا دُوں گا یہاں تک کہ مَیں اُس کے ہاتھ سے اُن کو نابُود کر ڈالُوں گا۔ 9 پس تُم اپنے نبِیوں اور غَیب دانوں اور خواب بِینوں اور شگُونِیوں اور جادُوگروں کی نہ سُنو جو تُم سے کہتے ہیں کہ تُم شاہِ بابل کی خِدمت گُذاری نہ کرو گے۔ 10 کیونکہ وہ تُم سے جُھوٹی نبُوّت کرتے ہیں تاکہ تُم کو تُمہارے مُلک سے آوارہ کریں اور مَیں تُم کو خارِج کر دُوں اور تُم ہلاک ہو جاؤ۔ 11 پر جو قَوم اپنی گردن شاہِ بابل کے جُوئے تلے رکھ دے گی اور اُس کی خِدمت کرے گی اُس کو مَیں اُس کی مُملکت میں رہنے دُوں گا خُداوند فرماتا ہے اور وہ اُس میں کھیتی کرے گی اور اُس میں بسے گی۔
12 اور اِن سب باتوں کے مُطابِق مَیں نے شاہِ یہُوداؔہ صِدقیاہ سے کلام کِیا اور کہا کہ اپنی گردن شاہِ بابل کے جُوئے تلے رکھ کر اُس کی اور اُس کی قَوم کی خِدمت کرو اور زِندہ رہو۔ 13 تُو اور تیرے لوگ تلوار اور کال اور وبا سے کیوں مَرو گے جَیسا کہ خُداوند نے اُس قَوم کی بابت فرمایا ہے جو شاہِ بابل کی خِدمت نہ کرے گی؟ 14 اور اُن نبِیوں کی باتیں نہ سُنو جو تُم سے کہتے ہیں کہ تُم شاہِ بابل کی خِدمت نہ کرو گے کیونکہ وہ تُم سے جُھوٹی نبُوّت کرتے ہیں۔ 15 کیونکہ خُداوند فرماتا ہے مَیں نے اُن کو نہیں بھیجا پر وہ میرا نام لے کر جُھوٹی نبُوّت کرتے ہیں تاکہ مَیں تُم کو خارِج کر دُوں اور تُم اُن نبِیوں کے ساتھ جو تُم سے نبُوّت کرتے ہیں ہلاک ہو جاؤ۔
16 مَیں نے کاہِنوں سے اور اُن سب لوگوں سے بھی مُخاطِب ہو کر کہا خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اپنے نبِیوں کی باتیں نہ سُنو جو تُم سے نبُوّت کرتے اور کہتے ہیں کہ دیکھو خُداوند کے گھر کے ظرُوف اب تھوڑی ہی دیر میں بابل سے واپس آ جائیں گے۔ کیونکہ وہ تُم سے جُھوٹی نبُوّت کرتے ہیں۔ 17 اُن کی نہ سُنو۔ شاہِ بابل کی خِدمت گُذاری کرو اور زِندہ رہو۔ یہ شہر کیوں وِیران ہو؟ 18 پر اگر وہ نبی ہیں اور خُداوند کا کلام اُن کی امانت میں ہے تو وہ ربُّ الافواج سے شفاعت کریں تاکہ وہ ظرُوف جو خُداوند کے گھر میں اور شاہِ یہُوداؔہ کے گھر میں اور یروشلیِم میں باقی ہیں بابل کو نہ جائیں۔
19 کیونکہ سُتُونوں کی بابت اور بڑے حَوض اور کُرسِیوں اور باقی ظرُوف کی بابت جو اِس شہر میں باقی ہیں ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے۔ 20 یعنی جِن کو شاہِ بابل نبُوکدؔنضر نہیں لے گیا جب وہ یہُوداؔہ کے بادشاہ یکونیاؔہ بِن یہویقِیم کو یروشلیِم سے اور یہُوداؔہ اور یروشلیِم کے سب شُرفا کو اسِیر کر کے بابل کو لے گیا۔
21 ہاں ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا اُن ظرُوف کی بابت جو خُداوند کے گھر میں اور شاہِ یہُوداؔہ کے محلّ میں اور یروشلیِم میں باقی ہیں یُوں فرماتا ہے۔ 22 کہ وہ بابل میں پُہنچائے جائیں گے اور اُس دِن تک کہ مَیں اُن کو یاد فرماؤں وہاں رہیں گے۔ خُداوند فرماتا ہے اُس وقت مَیں اُن کو اُٹھا لاؤُں گا اور پِھر اِس مکان میں رکھ دُوں گا۔
یَرمِیاہ اور حننیاہ نبی
1 اور اُسی سال شاہِ یہُوداؔہ صِدقیاہ کی سلطنت کے شرُوع میں چَوتھے برس کے پانچویں مہِینے میں یُوں ہُؤا کہ جبعُونی عزّور کے بیٹے حننیاؔہ نبی نے خُداوند کے گھر میں کاہِنوں اور سب لوگوں کے سامنے مُجھ سے مُخاطِب ہو کر کہا۔ 2 ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ مَیں نے شاہِ بابل کا جُؤا توڑ ڈالا ہے۔ 3 دو ہی برس کے اندر مَیں خُداوند کے گھر کے سب ظرُوف جو شاہِ بابل نبُوکدنضر اِس مکان سے بابل کو لے گیا اِسی مکان میں واپس لاؤُں گا۔ 4 شاہ یہُوداؔہ یکُونیاؔہ بِن یہویقِیم کو اور یہُوداؔہ کے سب اسِیروں کو جو بابل کو گئے تھے پِھر اِسی جگہ لاؤُں گا۔ خُداوند فرماتا ہے کیونکہ مَیں شاہِ بابل کے جُوئے کو توڑ ڈالُوں گا۔
5 تب یَرمِیاؔہ نبی نے کاہِنوں اور سب لوگوں کے سامنے جو خُداوند کے گھر میں کھڑے تھے حننیاؔہ نبی سے کہا۔ 6 ہاں یَرمِیاؔہ نبی نے کہا آمِین۔ خُداوند اَیسا ہی کرے۔ خُداوند تیری باتوں کو جو تُو نے نبُوّت سے کہِیں پُورا کرے کہ خُداوند کے گھر کے ظرُوف کو اور سب اسِیروں کو بابل سے اِس مکان میں واپس لائے۔ 7 تَو بھی اب یہ بات جو مَیں تیرے اور سب لوگوں کے کانوں میں کہتا ہُوں سُن۔ 8 اُن نبِیوں نے جو مُجھ سے اور تُجھ سے پہلے گُذشتہ زمانہ میں تھے بُہت سے مُلکوں اور بڑی بڑی سلطنتوں کے حق میں جنگ اور بلا اور وبا کی نبُوّت کی ہے۔ 9 وہ نبی جو سلامتی کی خبر دیتا ہے جب اُس نبی کا کلام پُورا ہو جائے تو معلُوم ہو گا کہ فی الحقِیقت خُداوند نے اُسے بھیجا ہے۔
10 تب حننیاؔہ نبی نے یَرمِیاؔہ نبی کی گردن پر سے جُؤا اُتارا اور اُسے توڑ ڈالا۔ 11 اور حننیاؔہ نے سب لوگوں کے سامنے اِس طرح کلام کِیا کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ مَیں اِسی طرح شاہِ بابل نبُوکدؔنضر کا جُؤا سب قَوموں کی گردن پر سے دو ہی برس کے اندر توڑ ڈالُوں گا۔ تب یَرمِیاؔہ نبی نے اپنی راہ لی۔
12 جب حننیاؔہ نبی یَرمِیاؔہ نبی کی گردن پر سے جُؤا توڑ چُکا تھا تو خُداوند کا کلام یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا۔ 13 کہ جا اور حننیاؔہ سے کہہ کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُو نے لکڑی کے جُوؤں کو تو توڑا پر اُن کے عِوض میں لوہے کے جُوئے بنا دِئے۔ 14 کیونکہ ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ مَیں نے اِن سب قَوموں کی گردن پر لوہے کا جُؤا ڈال دِیا ہے تاکہ وہ شاہِ بابل نبُوکدؔنضر کی خِدمت کریں۔ پس وہ اُس کی خِدمت گُذاری کریں گی اور مَیں نے مَیدان کے جانور بھی اُسے دے دِئے ہیں۔
15 تب یَرمِیاؔہ نبی نے حننیاؔہ نبی سے کہا اَے حننیاؔہ اب سُن! خُداوند نے تُجھے نہیں بھیجا لیکن تُو اِن لوگوں کو جُھوٹی اُمّید دِلاتا ہے۔ 16 اِس لِئے خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں تُجھے رُویِ زمِین پر سے خارِج کرُوں گا۔ تُو اِسی سال مَر جائے گا کیونکہ تُو نے خُداوند کے خِلاف فِتنہ انگیز باتیں کہی ہیں۔
17 چُنانچہ اُسی سال کے ساتویں مہِینے حننیاؔہ نبی مَر گیا۔
یَرمِیاہ کا خط بابل میں یہُودیوں کے نام
1 اب یہ اُس خط کی باتیں ہیں جو یَرمِیاؔہ نبی نے یروشلیِم سے باقی بزُرگوں کو جو اسِیر ہو گئے تھے اور کاہِنوں اور نبِیوں اور اُن سب لوگوں کو جِن کو نبُوکدؔنضر یروشلیِم سے اسِیر کر کے بابل لے گیا تھا۔ 2 (اُس کے بعد کہ یکُونیاؔہ بادشاہ اور اُس کی والِدہ اور خواجہ سرا اور یہُوداؔہ اور یروشلیِم کے اُمرا اور کارِیگر اور لُہار یروشلیِم سے چلے گئے تھے)۔ 3 العاسہ بِن سافن اور جمریاؔہ بِن خِلقیاہ کے ہاتھ (جِن کو شاہِ یہُوداؔہ صِدقیاہ نے بابل میں شاہِ بابل نبُوکدؔنضر کے پاس بھیجا) اِرسال کِیا اور اُس نے کہا
4 ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا اُن سب اسِیروں سے جِن کو مَیں نے یروشلیِم سے اسِیر کروا کر بابل بھیجا ہے یُوں فرماتا ہے۔ 5 تُم گھر بناؤ اور اُن میں بسو اور باغ لگاؤ اور اُن کا پَھل کھاؤ۔ 6 بِیویاں کرو تاکہ تُم سے بیٹے بیٹِیاں پَیدا ہوں اور اپنے بیٹوں کے لِئے بِیویاں لو اور اپنی بیٹِیاں شَوہروں کو دو تاکہ اُن سے بیٹے بیٹِیاں پَیدا ہوں اور تُم وہاں پَھلو پُھولو اور کم نہ ہو۔ 7 اور اُس شہر کی خَیر مناؤ جِس میں مَیں نے تُم کو اَسِیر کروا کر بھیجا ہے اور اُس کے لِئے خُداوند سے دُعا کرو کیونکہ اُس کی سلامتی میں تُمہاری سلامتی ہوگی۔ 8 کیونکہ ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ وہ نبی جو تُمہارے درمِیان ہیں اور تُمہارے غَیب دان تُم کو گُمراہ نہ کریں اور اپنے خواب بِینوں کو جو تُمہارے ہی کہنے سے خواب دیکھتے ہیں نہ مانو۔ 9 کیونکہ وہ میرا نام لے کر تُم سے جُھوٹی نبُوّت کرتے ہیں۔ مَیں نے اُن کو نہیں بھیجا خُداوند فرماتا ہے۔
10 کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ جب بابل میں ستّر برس گُذر چُکیں گے تو مَیں تُم کو یاد فرماؤُں گا اور تُم کو اِس مکان میں واپس لانے سے اپنے نیک قَول کو پُورا کرُوں گا۔ 11 کیونکہ مَیں تُمہارے حق میں اپنے خیالات کو جانتا ہُوں خُداوند فرماتا ہے یعنی سلامتی کے خیالات۔ بُرائی کے نہیں تاکہ مَیں تُم کو نیک انجام کی اُمّید بخشُوں۔ 12 تب تُم میرا نام لو گے اور مُجھ سے دُعا کرو گے اور مَیں تُمہاری سنُوں گا۔ 13 اور تُم مُجھے ڈُھونڈو گے اور پاؤ گے۔ جب پُورے دِل سے میرے طالِب ہو گے۔ 14 اور مَیں تُم کو مِل جاؤُں گا خُداوند فرماتا ہے اور مَیں تُمہاری اَسِیری کو مَوقُوف کراؤُں گا اور تُم کو اُن سب قَوموں سے اور سب جگہوں سے جِن میں مَیں نے تُم کو ہانک دِیا ہے جمع کراؤُں گا خُداوند فرماتا ہے اور مَیں تُم کو اُس جگہ میں جہاں سے مَیں نے تُم کو اَسِیر کروا کر بھیجا واپس لاؤُں گا۔
15 کیونکہ تُم نے کہا کہ خُداوند نے بابل میں ہمارے لِئے نبی برپا کِئے۔ 16 اِس لِئے خُداوند اُس بادشاہ کی بابت جو داؤُد کے تخت پر بَیٹھا ہے اور اُن سب لوگوں کی بابت جو اِس شہر میں بستے ہیں یعنی تُمہارے بھائِیوں کی بابت جو تُمہارے ساتھ اسِیر ہو کر نہیں گئے یُوں فرماتا ہے۔ 17 ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ دیکھو مَیں اُن پر تلوار اور کال اور وبا بھیجُوں گا اور اُن کو خراب اِنجِیروں کی مانِند بناؤُں گا جو اَیسے خراب ہیں کہ کھانے کے قابِل نہیں۔ 18 اور مَیں تلوار اور کال اور وبا سے اُن کا پِیچھا کرُوں گا اور مَیں اُن کو زمِین کی سب سلطنتوں کے حوالہ کرُوں گا کہ دھکّے کھاتے پِھریں اور ستائے جائیں اور سب قَوموں کے درمِیان جِن میں مَیں نے اُن کو ہانک دِیا ہے لَعنت اور حَیرت اور سُسکار اور ملامت کا باعِث ہوں۔ 19 اِس لِئے کہ اُنہوں نے میری باتیں نہیں سُنِیں خُداوند فرماتا ہے جب مَیں نے اپنے خِدمت گُذار نبِیوں کو اُن کے پاس بھیجا ہاں مَیں نے اُن کو بر وقت بھیجا پر تُم نے نہ سُنا خُداوند فرماتا ہے۔ 20 پس تُم اَے اَسِیری کے سب لوگو جِن کو مَیں نے یروشلیِم سے بابل کو بھیجا ہے خُداوند کا کلام سُنو۔
21 ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا اخیؔاب بِن قولایاؔہ کی بابت اور صِدقیاہ بِن معسیاؔہ کی بابت جو میرا نام لے کر تُم سے جُھوٹی نبُوّت کرتے ہیں یُوں فرماتا ہے کہ دیکھو مَیں اُن کو شاہِ بابل نبُوکدؔرضر کے حوالہ کرُوں گا اور وہ اُن کو تُمہاری آنکھوں کے سامنے قتل کرے گا۔ 22 اور یہُوداؔہ کے سب اسِیر جو بابل میں ہیں اُن کی لَعنتی مثل بنا کر کہا کریں گے کہ خُداوند تُجھے صِدقیاہ اور اخیؔاب کی مانِند کرے جِن کو شاہِ بابل نے آگ پر کباب کِیا۔ 23 کیونکہ اُنہوں نے اِسرائیل میں حماقت کی اور اپنے پڑوسِیوں کی بِیویوں سے زِناکاری کی اور میرا نام لے کر جُھوٹی باتیں کہِیں جِن کا مَیں نے اُن کو حُکم نہیں دِیا تھا۔ خُداوند فرماتا ہے مَیں جانتا ہُوں اور گواہ ہُوں۔
سمعیاہ کا خط
24 اور نخلامی سمعیاؔہ سے کہنا۔ 25 کہ ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے اِس لِئے کہ تُو نے یروشلیِم کے سب لوگوں کو اور صفنیاؔہ بِن معسیاؔہ کاہِن اور سب کاہِنوں کو اپنے نام سے یُوں خط لِکھ بھیجے۔
26 کہ خُداوند نے یہویدؔع کاہِن کی جگہ تُجھ کو کاہِن مُقرّر کِیا کہ تُو خُداوند کے گھر کے ناظِموں میں ہو اور ہر ایک مجنُون اور نبُوّت کے مُدعی کو قَید کرے اور کاٹھ میں ڈالے۔ 27 پس تُو نے عنتُوتی یَرمِیاؔہ کی جو کہتا ہے کہ مَیں تُمہارا نبی ہُوں گو شمالی کیوں نہیں کی؟ 28 کیونکہ اُس نے بابل میں یہ کہلا بھیجا ہے کہ یہ مُدّت دراز ہے۔ تُم گھر بناؤ اور بسو اور باغ لگاؤ اور اُن کا پَھل کھاؤ۔
29 اور صفنیاؔہ کاہِن نے یہ خط پڑھ کر یَرمِیاؔہ نبی کو سُنایا۔ 30 تب خُداوند کا یہ کلام یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا کہ 31 اَسِیری کے سب لوگوں کو کہلا بھیج کہ خُداوند نخلامی سمعیاؔہ کی بابت یُوں فرماتا ہے اِس لِئے کہ سمعیاؔہ نے تُم سے نبُوّت کی حالانکہ مَیں نے اُسے نہیں بھیجا اور اُس نے تُم کو جُھوٹی اُمّید دِلائی۔ 32 اِس لِئے خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھو مَیں نخلامی سمعیاؔہ کو اور اُس کی نسل کو سزا دُوں گا۔ اُس کا کوئی آدمی نہ ہو گا جو اِن لوگوں کے درمِیان بسے اور وہ اُس نیکی کو جو مَیں اپنے لوگوں سے کرُوں گا ہرگِز نہ دیکھے گا خُداوند فرماتا ہے کیونکہ اُس نے خُداوند کے خِلاف فِتنہ انگیز باتیں کہی ہیں۔
اپنے لوگوں کے ساتھ خُداوند کے وَعدے
1 وہ کلام جو خُداوند کی طرف سے یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا۔ 2 خُداوند اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ یہ سب باتیں جو مَیں نے تُجھ سے کہِیں کِتاب میں لِکھ۔ 3 کیونکہ دیکھ وہ دِن آتے ہیں خُداوند فرماتا ہے کہ مَیں اپنی قَوم اِسرائیل اور یہُوداؔہ کی اَسِیری کو مَوقُوف کراؤُں گا خُداوند فرماتا ہے اور مَیں اُن کو اُس مُلک میں واپس لاؤُں گا جو مَیں نے اُن کے باپ دادا کو دِیا اور وہ اُس کے مالِک ہوں گے۔
4 اور وہ باتیں جو خُداوند نے اِسرائیل اور یہُوداؔہ کی بابت فرمائِیں یہ ہیں۔
5 کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ ہم نے ہڑبڑی کی
آواز سُنی۔
خَوف ہے اور سلامتی نہیں۔
6 اب پُوچھو اور دیکھو
کیا کبھی کِسی مَرد کو دردِ زِہ لگا؟
کیا سبب ہے کہ مَیں ہر ایک مَرد کو زچّہ کی مانِند
اپنے ہاتھ کمر پر رکھّے دیکھتا ہُوں
اور سب کے چِہرے زرد ہو گئے ہیں؟
7 افسوس! وہ دِن بڑا ہے۔ اُس کی مِثال نہیں۔
وہ یعقُوبؔ کی مُصِیبت کا وقت ہے
پر وہ اُس سے رہائی پائے گا۔
8 اور اُس روز یُوں ہو گا ربُّ الافواج فرماتا ہے کہ مَیں اُس کا جُؤا تیری گردن پر سے توڑُوں گا اور تیرے بندھنوں کو کھول ڈالُوں گا اور بیگانے پِھر تُجھ سے خِدمت نہ کرائیں گے۔ 9 پر وہ خُداوند اپنے خُدا کی اور اپنے بادشاہ داؤُد کی جِسے مَیں اُن کے لِئے برپا کرُوں گا خِدمت کریں گے۔
10 اِس لِئے اَے میرے خادِم یعقُوبؔ ہِراسان نہ ہو
خُداوند فرماتا ہے اور اَے اِسرائیل گھبرا نہ جا
کیونکہ دیکھ مَیں تُجھے دُور سے
اور تیری اَولاد کو اَسِیری کی سرزمِین سے
چُھڑاؤں گا
اور یعقُوبؔ واپس آئے گا اور آرام و راحت
سے رہے گا
اور کوئی اُسے نہ ڈرائے گا۔
11 کیونکہ مَیں تیرے ساتھ ہُوں
خُداوند فرماتا ہے
تاکہ تُجھے بچاؤُں۔
اگرچہ مَیں سب قَوموں کو جِن میں مَیں نے
تُجھے تِتّربِتّر کِیا تمام کر ڈالُوں گا
تَو بھی تُجھے تمام نہ کرُوں گا
بلکہ تُجھے مُناسِب تنبِیہہ کرُوں گا اور ہرگِز بے سزا
نہ چھوڑُوں گا۔
12 کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تیری خستگی لاعِلاج
اور تیرا زخم سخت درد ناک ہے۔
13 تیرا حِمایتی کوئی نہیں
جو تیری مرہم پٹّی کرے۔
تیرے پاس کوئی شِفا بخش دوا نہیں۔
14 تیرے سب چاہنے والے تُجھے بُھول گئے۔
وہ تیرے طالِب نہیں ہیں۔
فی الحقِیقت مَیں نے تُجھے دُشمن کی مانِند گھایل کِیا
اور سنگ دِل کی طرح تادِیب کی
اِس لِئے کہ تیری بدکرداری بڑھ گئی
اور تیرے گُناہ زِیادہ ہو گئے۔
15 تُو اپنی خستگی کے سبب سے کیوں چِلاّتی ہے؟
تیرا درد لاعِلاج ہے۔
اِس لِئے کہ تیری بدکرداری نِہایت بڑھ گئی اور
تیرے گُناہ زِیادہ ہو گئے
مَیں نے تُجھ سے اَیسا کِیا۔
16 تَو بھی وہ سب جو تُجھے نِگلتے ہیں نِگلے جائیں گے
اور تیرے سب دُشمن اَسِیری میں جائیں گے
اور جو تُجھے غارت کرتے ہیں خُود غارت ہوں گے
اور مَیں اُن سب کو جو تُجھے لُوٹتے ہیں لُٹا دُوں گا۔
17 کیونکہ مَیں پِھر تُجھے تندرُستی
اور تیرے زخموں سے شِفا بخشُوں گا۔
خُداوند فرماتا ہے
کیونکہ اُنہوں نے تیرا نام مردُودہ رکھّا
کہ یہ صِیُّون ہے جِسے کوئی نہیں پُوچھتا۔
18 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ
دیکھ مَیں یعقُوبؔ کے خَیموں کی اَسِیری کو مَوقُوف
کراؤُں گا
اور اُس کے مسکنوں پر رحمت کرُوں گا
اور شہر اپنے ہی پہاڑ پر بنایا جائے گا اور قصر اپنے
ہی مقام پر آباد ہو جائے گا۔
19 اور اُن میں سے شُکرگُذاری
اور خُوشی کرنے والوں کی آواز آئے گی
اور مَیں اُن کو افزایش بخشُوں گا
اور وہ تھوڑے نہ ہوں گے۔
مَیں اُن کو شَوکت بخشُوں گا
اور وہ حقِیر نہ ہوں گے۔
20 اور اُن کی اَولاد اَیسی ہو گی جَیسی پہلے تھی
اور اُن کی جماعت میرے حضُور میں قائِم ہو گی
اور مَیں اُن سب کو جو اُن پر ظُلم کریں سزا دُوں گا۔
21 اور اُن کا حاکِم اُن ہی میں سے ہو گا
اور اُن کا فرمانروا اُن ہی کے درمِیان سے پَیدا ہو گا
اور مَیں اُسے قُربت بخشُوں گا اور وہ میرے
نزدِیک آئے گا
کیونکہ کَون ہے جِس نے یہ جُرأت کی ہو کہ
میرے پاس آئے؟
خُداوند فرماتا ہے۔
22 اور تُم میرے لوگ ہو گے اور مَیں تُمہارا خُدا
ہُوں گا۔
23 دیکھ خُداوند کے قہرِ شدِید کی آندھی چلتی ہے۔ یہ تیز طُوفان شرِیروں کے سر پر ٹُوٹ پڑے گا۔ 24 جب تک یہ سب کُچھ نہ ہو لے اور خُداوند اپنے دِل کے مقصد پُورے نہ کر لے اُس کا قہرِ شدِید مَوقُوف نہ ہو گا۔ تُم آخِری دِنوں میں اِسے سمجھو گے۔
اِسرائیل کی وطن واپسی
1 خُداوند فرماتا ہے مَیں اُس وقت اِسرائیل کے سب گھرانوں کا خُدا ہُوں گا اور وہ میرے لوگ ہوں گے۔ 2 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اِسرائیل میں سے جو لوگ تلوار سے بچے جب وہ راحت کی تلاش میں گئے تو بیابان میں مقبُول ٹھہرے۔ 3 خُداوند قدِیم سے مُجھ پر ظاہِر ہُؤا اور کہا کہ مَیں نے تُجھ سے ابدی مُحبّت رکھّی اِسی لِئے مَیں نے اپنی شفقت تُجھ پر بڑھائی۔ 4 اَے اِسرائیل کی کُنواری! مَیں تُجھے پِھر آباد کرُوں گا اور تُو آباد ہو جائے گی۔ تُو پِھر دف اُٹھا کر آراستہ ہو گی اور خُوشی کرنے والوں کے ناچ میں شامِل ہونے کو نِکلے گی۔ 5 تُو پِھر سامرِؔیہ کے پہاڑوں پر تاکِستان لگائے گی۔ باغ لگانے والے لگائیں گے اور اُس کا پَھل کھائیں گے۔ 6 کیونکہ ایک دِن آئے گا کہ اِفرائِیم کی پہاڑِیوں پر نِگہبان پُکاریں گے کہ اُٹھو ہم صِیُّون پر خُداوند اپنے خُدا کے حضُور چلیں۔
7 کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ
یعقُوبؔ کے لِئے خُوشی سے گاؤ اور قَوموں کی
سرتاج کے لِئے للکارو۔
مُنادی کرو۔ حمد کرو اور کہو
اَے خُداوند اپنے لوگوں کو یعنی اِسرائیل کے
بقِیّہ کو بچا۔
8 دیکھو مَیں شِمالی مُلک سے اُن کو لاؤُں گا
اور زمِین کی سرحدّوں سے اُن کو جمع کرُوں گا
اور اُن میں اندھے اور لنگڑے
اور حامِلہ اور زچّہ سب ہوں گے۔
اُن کی بڑی جماعت یہاں واپس آئے گی۔
9 وہ روتے اور مُناجات کرتے ہُوئے آئیں گے۔
مَیں اُن کی راہبری کرُوں گا۔ مَیں اُن کو پانی
کی ندِیوں کی طرف
راہِ راست پر چلاؤُں گا جِس میں وہ ٹھوکر نہ
کھائیں گے
کیونکہ مَیں اِسرائیل کا باپ ہُوں اور اِفرائِیم
میرا پہلوٹھا ہے۔
10 اَے قَومو! خُداوند کا کلام سُنو
اور دُور کے جزِیروں میں مُنادی کرو اور کہو کہ
جِس نے اِسرائیل کو تِتّربِتّر کِیا وُہی اُسے جمع
کرے گا
اور اُس کی اَیسی نِگہبانی کرے گا جَیسی گڈریا اپنے
گلّہ کی۔
11 کیونکہ خُداوند نے یعقُوبؔ کا فِدیہ دِیا ہے اور اُسے
اُس کے ہاتھ سے جو اُس سے زورآور تھا رہائی
بخشی ہے۔
12 پس وہ آئیں گے اور صِیُّون کی چوٹی پر گائیں گے
اور خُداوند کی نِعمتوں
یعنی اناج اور مَے اور تیل
اور گائے بَیل کے اور بھیڑ بکری کے بچّوں کی
طرف اِکٹّھے رواں ہوں گے
اور اُن کی جان سیراب باغ کی مانِند ہو گی
اور وہ پِھر کبھی غم زدہ نہ ہوں گے۔
13 اُس وقت کُنواریاں
اور پِیر و جوان خُوشی سے رقص کریں گے
کیونکہ مَیں اُن کے غم کو خُوشی سے بدل دُوں گا اور
اُن کو تسلّی دے کر غم کے بعد شادمان
کرُوں گا۔
14 اور مَیں کاہِنوں کی جان کو چِکنائی سے سیر کرُوں گا
اور میرے لوگ میری نِعمتوں سے آسُودہ ہوں گے
خُداوند فرماتا ہے۔
اِسرائیل پر خُداوند کی رحمت
15 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ
رامہ میں ایک آواز سُنائی دی۔ نَوحہ اور زار
زار رونا۔
راخِل اپنے بچّوں کو رو رہی ہے
وہ اپنے بچّوں کی بابت تسلّی پذِیر نہیں ہوتی
کیونکہ وہ نہیں ہیں۔
16 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اپنی زاری کی آواز کو روک
اور اپنی آنکھوں کو آنسُوؤں سے باز رکھ
کیونکہ تیری مِحنت کے لِئے اجر ہے
خُداوند فرماتا ہے اور وہ دُشمن کے مُلک سے
واپس آئیں گے۔
17 اور خُداوند فرماتا ہے
تیری عاقِبت کی بابت اُمّید ہے کیونکہ تیرے بچّے
پِھر اپنی حدُود میں داخِل ہوں گے۔
18 فی الحقِیقت مَیں نے اِفرائِیم کو اپنے آپ پر یُوں
ماتم کرتے سُنا کہ
تُو نے مُجھے تنبِیہہ کی اور مَیں نے اُس بچھڑے کی
مانِند جو سِدھایا نہیں گیا تنبِیہہ پائی۔
تُو مُجھے پھیر تو مَیں پِھرُوں گا
کیونکہ تُو ہی میرا خُداوند خُدا ہے۔
19 کیونکہ پِھرنے کے بعد مَیں نے تَوبہ کی
اور تربِیّت پانے کے بعد مَیں نے اپنی ران پر
ہاتھ مارا۔
مَیں شرمِندہ بلکہ پریشان خاطِر ہُؤا
اِس لِئے کہ مَیں نے اپنی جوانی کی ملامت
اُٹھائی تھی۔
20 کیا اِفرائِیم میرا پِیارا بیٹا ہے؟
کیا وہ پسندِیدہ فرزند ہے؟
کیونکہ جب جب مَیں اُس کے خِلاف کُچھ
کہتا ہُوں
تو اُسے جی جان سے یاد کرتا ہُوں۔
اِس لِئے میرا دِل اُس کے لِئے بیتاب ہے۔
مَیں یقِیناً اُس پر رحمت کرُوں گا خُداوند
فرماتا ہے۔
21 اپنے لِئے سُتُون کھڑے کر۔ اپنے لِئے کھمبے بنا۔
اُس شاہراہ پر دِل لگا۔
ہاں اُسی راہ سے جِس سے تُو گئی تھی واپس آ۔
اَے اِسرائیل کی کُنواری اپنے اِن شہروں میں
واپس آ۔
22 اَے برگشتہ بیٹی تُو کب تک آوارہ پِھرے گی؟
کیونکہ خُداوند نے زمِین پر
ایک نئی چِیز پَیدا کی ہے کہ
عَورت مَرد کی حِمایت کرے گی۔
مُستقبِل میں خُدا کے لوگوں کی خُوش حالی
23 ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ جب مَیں اُن کے اسِیروں کو واپس لاؤُں گا تو وہ یہُوداؔہ کے مُلک اور اُس کے شہروں میں پِھر یُوں کہیں گے
اَے صداقت کے مسکن!
اَے کوہِ مُقدّس خُداوند تُجھے برکت بخشے۔
24 اور یہُوداؔہ اور اُس کے سب شہر اُس میں اِکٹّھے سکُونت کریں گے۔ کِسان اور وہ جو گلّے لِئے پِھرتے ہیں۔ 25 کیونکہ مَیں نے تھکی جان کو آسُودہ اور ہر غمگِین رُوح کو سیر کِیا ہے۔ 26 اَب مَیں نے بیدار ہو کر نِگاہ کی اور میری نِیند میرے لِئے مِیٹھی تھی۔
27 دیکھو وہ دِن آتے ہیں خُداوند فرماتا ہے جب مَیں اِسرائیل کے گھر میں اور یہُوداؔہ کے گھر میں اِنسان کا بِیج اور حَیوان کا بِیج بوؤُں گا۔ 28 اور خُداوند فرماتا ہے جِس طرح مَیں نے اُن کی گھات میں بَیٹھ کر اُن کو اُکھاڑا اور ڈھایا اور گِرایا اور برباد کِیا اور دُکھ دِیا اُسی طرح مَیں نِگہبانی کر کے اُن کو بناؤُں گا اور لگاؤُں گا۔ 29 اُن ایّام میں پِھر یُوں نہ کہیں گے کہ
باپ دادا نے کچّے انگُور کھائے
اور اَولاد کے دانت کھٹّے ہو گئے۔
30 کیونکہ ہر ایک اپنی ہی بدکرداری کے سبب سے مَرے گا۔ ہر ایک جو کچّے انگُور کھاتا ہے اُسی کے دانت کھٹّے ہوں گے۔
31 دیکھ وہ دِن آتے ہیں خُداوند فرماتا ہے جب مَیں اِسرائیل کے گھرانے اور یہُوداؔہ کے گھرانے کے ساتھ نیا عہد باندُھوں گا۔ 32 اُس عہد کے مُطابِق نہیں جو مَیں نے اُن کے باپ دادا سے کِیا جب مَیں نے اُن کی دست گِیری کی تاکہ اُن کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال لاؤُں اور اُنہوں نے میرے اُس عہد کو توڑا اگرچہ مَیں اُن کا مالِک تھا خُداوند فرماتا ہے۔ 33 بلکہ یہ وہ عہد ہے جو مَیں اُن دِنوں کے بعد اِسرائیل کے گھرانے سے باندُھوں گا۔ خُداوند فرماتا ہے مَیں اپنی شرِیعت اُن کے باطِن میں رکُھّوں گا اور اُن کے دِل پر اُسے لِکُھوں گا اور مَیں اُن کا خُدا ہُوں گا اور وہ میرے لوگ ہوں گے۔ 34 اور وہ پِھر اپنے اپنے پڑوسی اور اپنے اپنے بھائی کو یہ کہہ کر تعلِیم نہیں دیں گے کہ خُداوند کو پہچانو کیونکہ چھوٹے سے بڑے تک وہ سب مُجھے جانیں گے خُداوند فرماتا ہے اِس لِئے کہ مَیں اُن کی بدکرداری کو بخش دُوں گا اور اُن کے گُناہ کو یاد نہ کرُوں گا۔
35 خُداوند جِس نے دِن کی روشنی کے لِئے سُورج کو
مُقرّر کِیا
اور جِس نے رات کی رَوشنی کے لِئے چاند اور
سِتاروں کا نِظام قائِم کِیا
جو سمُندر کو مَوجزن کرتا ہے جِس سے اُس کی
لہریں شور کرتی ہیں یُوں فرماتا ہے۔
اُس کا نام ربُّ الافواج ہے۔
36 خُداوند فرماتا ہے اگر یہ نِظام میرے حضُور سے
مَوقُوف ہو جائے
تو اِسرائیل کی نسل بھی میرے سامنے سے جاتی
رہے گی کہ ہمیشہ تک پِھر قَوم نہ ہو۔
37 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اگر کوئی اُوپر آسمان کو
ناپ سکے
اور نِیچے زمِین کی بُنیاد کا پتہ لگا لے
تو مَیں بھی بنی اِسرائیل کو
اُن کے سب اعمال کے سبب سے رَدّ کر دُوں گا
خُداوند فرماتا ہے۔
38 دیکھ وہ دِن آتے ہیں خُداوند فرماتا ہے کہ یہ شہر حنن ایل کے بُرج سے کونے کے پھاٹک تک خُداوند کے لِئے تعمِیر کِیا جائے گا۔ 39 اور پِھر جریب سِیدھی کوہِ جاریب پر سے ہوتی ہُوئی جوعا تہ کو گھیر لے گی۔ 40 اور لاشوں اور راکھ کی تمام وادی اور سب کھیت قِدرُوؔن کے نالے تک اور گھوڑے پھاٹک کے کونے تک مشرِق کی طرف خُداوند کے لِئے مُقدّس ہوں گے۔ پِھر وہ ہمیشہ تک نہ کبھی اُکھاڑا نہ گِرایا جائے گا۔
یَرمِیاہ ایک قطعہِ زمِین خرِیدتا ہے
1 وہ کلام جو شاہِ یہُوداؔہ صِدقیاہ کے دسویں برس میں جو نبُوکدؔرنضر کا اٹھارھواں برس تھا خُداوند کی طرف سے یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا۔ 2 اور اُس وقت شاہِ بابل کی فَوج یروشلیِم کا مُحاصرہ کِئے پڑی تھی اور یَرمِیاؔہ نبی شاہِ یہُوداؔہ کے گھر میں قَید خانہ کے صحن میں بند تھا۔ 3 کیونکہ شاہِ یہُوداؔہ صِدقیاہ نے اُسے یہ کہہ کر قَید کِیا کہ تُو کیوں نبُوّت کرتا اور کہتا ہے کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں اِس شہر کو شاہِ بابل کے حوالہ کر دُوں گا اور وہ اِسے لے لے گا۔ 4 اور شاہِ یہُوداؔہ صِدقیاہ کسدیوں کے ہاتھ سے نہ بچے گا بلکہ ضرُور شاہِ بابل کے حوالہ کِیا جائے گا اور اُس سے رُوبرُو باتیں کرے گا اور دونوں کی آنکھیں مُقابِل ہوں گی۔ 5 اور وہ صِدقیاہ کو بابل میں لے جائے گا اور جب تک مَیں اُس کو یاد نہ فرماؤُں وہ وہِیں رہے گا۔ خُداوند فرماتا ہے ہرچند تُم کسدیوں کے ساتھ جنگ کرو گے پر کامیاب نہ ہو گے؟
6 تب یَرمِیاؔہ نے کہا کہ خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا اور اُس نے فرمایا۔ 7 دیکھ تیرے چچا سلُوؔم کا بیٹا حنم ایل تیرے پاس آ کر کہے گا کہ میرا کھیت جو عنتوت میں ہے اپنے لِئے خرِید لے کیونکہ اُس کو چُھڑانا تیرا حق ہے۔ 8 تب میرے چچا کا بیٹا حنم ایل قَید خانہ کے صحن میں میرے پاس آیا اور جَیسا خُداوند نے فرمایا تھا مُجھ سے کہا کہ میرا کھیت جو عنتوت میں بِنیمِین کے علاقہ میں ہے خرِید لے کیونکہ یہ تیرا مَورُوثی حق ہے اور اُس کو چُھڑانا تیرا کام ہے اُسے اپنے لِئے خرِید لے۔ تب مَیں نے جانا کہ یہ خُداوند کا کلام ہے۔ 9 اور مَیں نے اُس کھیت کو جو عنتوت میں تھا اپنے چچا کے بیٹے حنم ایل سے خرِید لِیا اور نقد ستّرہ مِثقال چاندی تول کر اُسے دی۔ 10 اور مَیں نے ایک قبالہ لِکھا اور اُس پر مُہر کی اور گواہ ٹھہرائے اور چاندی ترازُو میں تول کر اُسے دی۔ 11 سو مَیں نے اُس قبالہ کو لِیا یعنی وہ جو آئِین اور دستُور کے مُطابِق سربمُہر تھا اور وہ جو کُھلا تھا۔ 12 اور مَیں نے اُس قبالہ کو اپنے چچا کے بیٹے حنم ایل کے سامنے اور اُن گواہوں کے رُوبرُو جِنہوں نے اپنے نام قبالہ پر لِکھے تھے اُن سب یہُودِیوں کے رُوبرُو جو قَید خانہ کے صحن میں بَیٹھے تھے بارُوؔک بِن نیرِؔیاہ بِن محسیاؔہ کو سَونپا۔ 13 اور مَیں نے اُن کے رُوبرُو بارُوؔک کو تاکِید کی۔ 14 کہ ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ یہ کاغذات لے یعنی یہ قبالہ جو سربمُہر ہے اور یہ جو کُھلا ہے اور اُن کو مِٹّی کے برتن میں رکھ تاکہ بُہت دِنوں تک محفُوظ رہیں۔ 15 کیونکہ ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ اِس مُلک میں پِھر گھروں اور کھیتوں اور تاکِستانوں کی خرِید و فروخت ہو گی۔
یَرمِیاہ کی دُعا
16 بارُوؔک بِن نیرِؔیاہ کو قبالہ دینے کے بعد مَیں نے خُداوند سے یُوں دُعا کی۔ 17 آہ اَے خُداوند خُدا! دیکھ تُو نے اپنی عظِیم قُدرت اور اپنے بُلند بازُو سے آسمان اور زمِین کو پَیدا کِیا اور تیرے لِئے کوئی کام مُشکِل نہیں ہے۔ 18 تُو ہزاروں پر شفقت کرتا ہے اور باپ دادا کی بدکرداری کا بدلہ اُن کے بعد اُن کی اَولاد کے دامن میں ڈال دیتا ہے جِس کا نام خُدایِ عظِیم و قادِر ربُّ الافواج ہے۔ 19 مشوَرت میں بزُرگ اور کام میں قُدرت والا ہے۔ بنی آدمؔ کی سب راہیں تیری زیرِ نظر ہیں تاکہ ہر ایک کو اُس کی روِش کے مُوافِق اور اُس کے اعمال کے پَھل کے مُطابِق اجر دے۔ 20 جِس نے مُلکِ مِصرؔ میں آج تک اور اِسرائیل اور دُوسرے لوگوں میں نِشان اور عجائِب دِکھائے اور اپنے لِئے نام پَیدا کِیا جَیسا کہ اِس زمانہ میں ہے۔ 21 کیونکہ تُو اپنی قَوم اِسرائیل کو مُلکِ مِصرؔ سے نِشانوں اور عجائِب اور قَوی ہاتھ اور بُلند بازُو سے اور بڑی ہَیبت کے ساتھ نِکال لایا۔ 22 اور یہ مُلک اُن کو دِیا جِسے دینے کی تُو نے اُن کے باپ دادا سے قَسم کھائی تھی۔ اَیسا مُلک جِس میں دُودھ اور شہد بہتا ہے۔ 23 اور وہ آ کر اُس کے مالِک ہو گئے لیکن وہ نہ تیری آواز کے شِنوا ہُوئے اور نہ تیری شرِیعت پر چلے اور جو کُچھ تُو نے کرنے کو کہا اُنہوں نے نہیں کِیا اِس لِئے تُو یہ سب مُصِیبت اُن پر لایا۔
24 دمدموں کو دیکھ۔ وہ شہر تک آ پُہنچے ہیں کہ اُسے فتح کر لیں اور شہر تلوار اور کال اور وبا کے سبب سے کسدیوں کے حوالہ کر دِیا گیا ہے جو اُس پر چڑھ آئے اور جو کُچھ تُو نے فرمایا پُورا ہُؤا اور تُو آپ دیکھتا ہے۔ 25 تَو بھی اَے خُداوند خُدا تُو نے مُجھ سے فرمایا کہ وہ کھیت رُوپیہ دے کر اپنے لِئے خرِید لے اور گواہ ٹھہرا لے حالانکہ یہ شہر کسدیوں کے حوالہ کر دِیا گیا۔
26 تب خُداوند کا کلام یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا کہ 27 دیکھ مَیں خُداوند تمام بشر کا خُدا ہُوں۔ کیا میرے لِئے کوئی کام دُشوار ہے؟ 28 اِس لِئے خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں اِس شہر کو کسدیوں کے اور شاہِ بابل نبُوکدؔرضر کے حوالہ کر دُوں گا اور وہ اِسے لے لے گا۔ 29 اور کسدی جو اِس شہر پر چڑھائی کرتے ہیں آ کر اِس کو آگ لگائیں گے اور اِسے اُن گھروں سمیت جلائیں گے جِن کی چھتّوں پر لوگوں نے بعل کے لِئے بخُور جلایا اور غَیر معبُودوں کے لِئے تپاون تپائے کہ مُجھے غضب ناک کریں۔ 30 کیونکہ بنی اِسرائیل اور بنی یہُوداؔہ اپنی جوانی سے اب تک فقط وُہی کرتے آئے ہیں جو میری نظر میں بُرا ہے کیونکہ بنی اِسرائیل نے اپنے اعمال سے مُجھے غضب ناک ہی کِیا خُداوند فرماتا ہے۔ 31 کیونکہ یہ شہر جِس دِن سے اُنہوں نے اِسے تعمِیر کِیا آج کے دِن تک میرے قہر اور غضب کا باعِث ہو رہا ہے تاکہ مَیں اِسے اپنے سامنے سے دُور کرُوں۔ 32 بنی اِسرائیل اور بنی یہُوداؔہ کی تمام بدی کے باعِث جو اُنہوں نے اور اُن کے بادشاہوں نے اور اُمرا اور کاہِنوں اور نبِیوں نے اور یہُوداؔہ کے لوگوں اور یروشلیِم کے باشِندوں نے کی تاکہ مُجھے غضب ناک کریں۔ 33 کیونکہ اُنہوں نے میری طرف پِیٹھ کی اور مُنہ نہ کِیا۔ ہر چند مَیں نے اُن کو سِکھایا اور بر وقت تعلِیم دی تَو بھی اُنہوں نے کان نہ لگایا کہ تربِیّت پذِیر ہوں۔ 34 بلکہ اُس گھر میں جو میرے نام سے کہلاتا ہے اپنی مکرُوہات رکھّیں تاکہ اُسے ناپاک کریں۔ 35 اور اُنہوں نے بعل کے اُونچے مقام جو بِن ہِنُّوؔم کی وادی میں ہیں بنائے تاکہ اپنے بیٹوں اور بیٹِیوں کو مولک کے لِئے آگ میں سے گُذاریں جِس کا مَیں نے اُن کو حُکم نہیں دِیا اور نہ میرے خیال میں آیا کہ وہ اَیسا مکرُوہ کام کر کے یہُوداؔہ کو گُنہگار بنائیں۔
اُمّید افزا وَعدہ
36 اور اب اِس شہر کی بابت جِس کے حق میں تُم کہتے ہو کہ تلوار اور کال اور وبا کے وسِیلہ سے وہ شاہِ بابل کے حوالہ کِیا جائے گا خُداوند اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے۔ 37 دیکھ مَیں اُن کو اُن سب مُلکوں سے جہاں مَیں نے اُن کو اپنے غَیظ و غضب اور قہرِ شدِید سے ہانک دِیا ہے جمع کرُوں گا اور اِس مقام میں واپس لاؤُں گا اور اُن کو امن سے آباد کرُوں گا۔ 38 اور وہ میرے لوگ ہوں گے اور مَیں اُن کا خُدا ہُوں گا۔ 39 اور مَیں اُن کو یک دِل اور یک روِش بنا دُوں گا اور وہ اپنی اور اپنے بعد اپنی اَولاد کی بھلائی کے لِئے ہمیشہ مُجھ سے ڈرتے رہیں گے۔ 40 اور مَیں اُن سے ابدی عہد کرُوں گا کہ اُن کے ساتھ بھلائی کرنے سے باز نہ آؤں گا اور مَیں اپنا خَوف اُن کے دِل میں ڈالُوں گا تاکہ وہ مُجھ سے برگشتہ نہ ہوں۔ 41 ہاں مَیں اُن سے خُوش ہو کر اُن سے نیکی کرُوں گا اور یقِیناً دِل و جان سے اُن کو اِس مُلک میں لگاؤُں گا۔
42 کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ جِس طرح مَیں اِن لوگوں پر یہ تمام بلایِ عظِیم لایا ہُوں اُسی طرح وہ تمام نیکی جِس کا مَیں نے اُن سے وعدہ کِیا ہے اُن سے کرُوں گا۔ 43 اور اِس مُلک میں جِس کی بابت تُم کہتے ہو کہ وہ وِیران ہے۔ وہاں نہ اِنسان ہے نہ حَیوان۔ وہ کسدیوں کے حوالہ کِیا گیا۔ پِھر کھیت خرِیدے جائیں گے۔ 44 بِنیمِین کے عِلاقہ میں اور یروشلیِم کی نواحی میں اور یہُوداؔہ کے شہروں میں اور کوہِستان کے اور وادی کے اور جنُوب کے شہروں میں لوگ رُوپیہ دے کر کھیت خرِیدیں گے اور قبالے لِکھا کر اُن پر مُہر لگائیں گے اور گواہ ٹھہرائیں گے کیونکہ مَیں اُن کی اسِیری کو مَوقُوف کر دُوں گا خُداوند فرماتا ہے۔
ایک اور اُمّید افزا وَعدہ
1 ہنُوز یَرمِیاؔہ قَید خانہ کے صحن میں بند تھا کہ خُداوند کا کلام دوبارہ اُس پر نازِل ہُؤا کہ 2 خُداوند جو پُورا کرتا اور بناتا اور قائِم کرتا ہے جِس کا نام یہوواؔہ ہے یُوں فرماتا ہے۔ 3 کہ مُجھے پُکار اور مَیں تُجھے جواب دُوں گا اور بڑی بڑی اور گہری باتیں جِن کو تُو نہیں جانتا تُجھ پر ظاہِر کرُوں گا۔ 4 کیونکہ خُداوند اِسرائیل کا خُدا اِس شہر کے گھروں کی بابت اور شاہانِ یہُوداؔہ کے گھروں کی بابت جو دمدموں اور تلوار کے باعِث گِرا دِئے گئے ہیں یُوں فرماتا ہے۔ 5 کہ وہ کسدیوں سے لڑنے آئے ہیں اور اُن کو آدمِیوں کی لاشوں سے بھریں گے۔ جِن کو مَیں نے اپنے قہر و غضب سے قتل کِیا ہے اور جِن کی تمام شرارت کے سبب سے مَیں نے اِس شہر سے اپنا مُنہ چُھپایا ہے۔ 6 دیکھ مَیں اُسے صِحت و تندرُستی بخشُوں گا۔ مَیں اُن کو شِفا دُوں گا اور امن و سلامتی کی کثرت اُن پر ظاہِر کرُوں گا۔ 7 اور مَیں یہُوداؔہ اور اِسرائیل کو اَسِیری سے واپس لاؤُں گا اور اُن کو پہلے کی طرح بناؤُں گا۔ 8 اور مَیں اُن کو اُن کی ساری بدکرداری سے جو اُنہوں نے میرے خِلاف کی ہے پاک کرُوں گا اور مَیں اُن کی ساری بدکرداری جِس سے وہ میرے گُنہگار ہُوئے اور جِس سے اُنہوں نے میرے خِلاف بغاوت کی ہے مُعاف کرُوں گا۔ 9 اور یہ میرے لِئے رُویِ زمِین کی سب قَوموں کے سامنے مُسرّت بخش نام اور سِتایش و جلال کا باعِث ہو گا۔ وہ اُس سب بھلائی کا جو مَیں اُن سے کرتا ہُوں ذِکر سُنیں گی اور اُس بھلائی اور سلامتی کے سبب سے جو مَیں اِن کے لِئے مُہیّا کرتا ہُوں ڈریں گی اور کانپیں گی۔
10 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اِس مقام میں جِس کی بابت تُم کہتے ہو کہ وِیران ہے۔ وہاں نہ اِنسان ہے نہ حَیوان یعنی یہُوداؔہ کے شہروں میں اور یروشلیِم کے بازاروں میں جو وِیران ہیں جہاں نہ اِنسان ہیں نہ باشِندے نہ حَیوان۔ 11 خُوشی اور شادمانی کی آواز۔ دُلہے اور دُلہن کی آواز اور اُن کی آواز سُنی جائے گی جو کہتے ہیں
ربُّ الافواج کی سِتایش کرو
کیونکہ خُداوند بھلا ہے
اور اُس کی شفقت ابدی ہے۔
ہاں اُن کی آواز جو خُداوند کے گھر میں شُکرگُذاری کی قُربانی لائیں گے کیونکہ خُداوند فرماتا ہے مَیں اِس مُلک کے اسِیروں کو واپس لا کر بحال کرُوں گا۔
12 ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ اِس وِیران جگہ اور اِس کے سب شہروں میں جہاں نہ اِنسان ہے نہ حَیوان پِھر چرواہوں کے رہنے کے مکان ہوں گے جو اپنے گلّوں کو بِٹھائیں گے۔ 13 کوہِستان کے شہروں میں اور وادی کے اور جنُوب کے شہروں میں اور بِنیمِین کے عِلاقہ میں اور یروشلیِم کی نواحی میں اور یہُوداؔہ کے شہروں میں پِھر گلّے گِننے والے کے ہاتھ کے نِیچے سے گُذریں گے خُداوند فرماتا ہے۔
14 دیکھ وہ دِن آتے ہیں خُداوند فرماتا ہے کہ وہ نیک بات جو مَیں نے اِسرائیل کے گھرانے اور یہُوداؔہ کے گھرانے کے حق میں فرمائی ہے پُوری کرُوں گا۔ 15 اُن ہی ایّام میں اور اُسی وقت مَیں داؤُد کے لِئے صداقت کی شاخ پَیدا کرُوں گا اور وہ مُلک میں عدالت و صداقت سے عمل کرے گا۔ 16 اُن دِنوں میں یہُوداؔہ نجات پائے گا اور یروشلیِم سلامتی سے سکُونت کرے گا اور خُداوند ہماری صداقت اُس کا نام ہو گا۔ 17 کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اِسرائیل کے گھرانے کے تخت پر بَیٹھنے کے لِئے داؤُد کو کبھی آدمی کی کمی نہ ہو گی۔ 18 اور نہ لاوی کاہِنوں کو آدمِیوں کی کمی ہو گی جو میرے حضُور سوختنی قُربانِیاں گُذرانیں اور ہدئے چڑھائیں اور ہمیشہ قُربانی کریں۔
19 پِھر خُداوند کا کلام یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا۔ 20 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اگر تُم میرا وہ عہد جو مَیں نے دِن سے اور رات سے کِیا توڑ سکو کہ دِن اور رات اپنے اپنے وقت پر نہ ہوں۔ 21 تو میرا وہ عہد بھی جو مَیں نے اپنے خادِم داؤُد سے کِیا ٹُوٹ سکتا ہے کہ اُس کے تخت پر بادشاہی کرنے کو بیٹا نہ ہو اور وہ عہد بھی جو اپنے خِدمت گُذار لاوی کاہِنوں سے کِیا۔ 22 جَیسے اجرامِ فلک بے شُمار ہیں اور سمُندر کی ریت بے اندازہ ہے وَیسے ہی مَیں اپنے بندہ داؤُد کی نسل کو اور لاویوں کو جو میری خِدمت کرتے ہیں فراوانی بخشُوں گا۔
23 پِھر خُداوند کا کلام یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا۔ 24 کہ کیا تُو نہیں دیکھتا کہ یہ لوگ کیا کہتے ہیں کہ جِن دو گھرانوں کو خُداوند نے چُنا اُن کو اُس نے رَدّ کر دِیا؟ یُوں وہ میرے لوگوں کو حقِیر جانتے ہیں کہ گویا اُن کے نزدِیک وہ قَوم ہی نہیں رہے۔ 25 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اگر دِن اور رات کے ساتھ میرا عہد نہ ہو اور اگر مَیں نے آسمان اور زمِین کا نِظام مُقرّر نہ کِیا ہو۔ 26 تو مَیں یعقُوبؔ کی نسل کو اور اپنے خادِم داؤُد کی نسل کو رَدّ کر دُوں گا تاکہ مَیں ابرہامؔ اور اِضحاقؔ اور یعقُوبؔ کی نسل پر حُکُومت کرنے کے لِئے اُس کے فرزندوں میں سے کِسی کو نہ لُوں بلکہ مَیں تو اُن کو اَسِیری سے واپس لاؤُں گا اور اُن پر رحم کرُوں گا۔
صِدقیاہ کے نام پَیغام
1 جب شاہِ بابل نبُوکدؔنضر اور اُس کی تمام فَوج اور رُویِ زمِین کی تمام سلطنتیں جو اُس کی فرمانروائی میں تِھیں اور سب اقوام یروشلیِم اور اُس کی سب بستِیوں کے خِلاف جنگ کر رہی تِھیں تب خُداوند کا یہ کلام یَرمِیاؔہ نبی پر نازِل ہُؤا۔ 2 کہ خُداوند اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ جا اور شاہِ یہُوداؔہ صِدقیاہ سے کہہ دے کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں اِس شہر کو شاہِ بابل کے حوالہ کر دُوں گا اور وہ اِسے آگ سے جلائے گا۔ 3 اور تُو اُس کے ہاتھ سے نہ بچے گا بلکہ ضرُور پکڑا جائے گا اور اُس کے حوالہ کِیا جائے گا اور تیری آنکھیں شاہِ بابل کی آنکھوں کو دیکھیں گی اور وہ رُوبرُو تُجھ سے باتیں کرے گا اور تُو بابل کو جائے گا۔ 4 تَو بھی اَے شاہِ یہُوداؔہ صِدقیاہ خُداوند کا کلام سُن۔ تیری بابت خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُو تلوار سے قتل نہ کِیا جائے گا۔ 5 تُو امن کی حالت میں مرے گا اور جِس طرح تیرے باپ دادا یعنی تُجھ سے پہلے بادشاہوں کے لِئے خُوشبُو جلاتے تھے اُسی طرح تیرے لِئے بھی جلائیں گے اور تُجھ پر نَوحہ کریں گے اور کہیں گے ہائے آقا! کیونکہ مَیں نے یہ بات کہی ہے خُداوند فرماتا ہے۔
6 تب یَرمِیاؔہ نبی نے یہ سب باتیں شاہِ یہُوداؔہ صِدقیاہ سے یروشلیِم میں کہِیں۔ 7 جب کہ شاہِ بابل کی فَوج یروشلیِم اور یہُوداؔہ کے شہروں سے جو بچ رہے تھے یعنی لکِیس اور عِزیقہ سے لڑ رہی تھی کیونکہ یہُوداؔہ کے شہروں میں سے یِہی حصِین شہر باقی تھے۔
غُلاموں سے فریب
8 وہ کلام جو خُداوند کی طرف سے یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا جب صِدقیاہ بادشاہ نے یروشلیِم کے سب لوگوں سے عہد و پَیمان کِیا کہ آزادی کی مُنادی کی جائے۔ 9 کہ ہر ایک اپنے غُلام کو اور اپنی لَونڈی کو جو عِبرانی مَرد یا عَورت ہو آزاد کر دے کہ کوئی اپنے یہُودی بھائی سے غُلامی نہ کرائے۔ 10 اور جب سب اُمرا اور سب لوگوں نے جو اِس عہد میں شامِل تھے سُنا کہ ہر ایک کو لازِم ہے کہ اپنے غُلام اور اپنی لَونڈی کو آزاد کرے اور پِھر اُن سے غُلامی نہ کرائے تُو اُنہوں نے اِطاعت کی اور اُن کو آزاد کر دِیا۔ 11 پر اُس کے بعد وہ پِھر گئے اور اُن غُلاموں اور لَونڈِیوں کو جن کو اُنہوں نے آزاد کر دِیا تھا پِھر واپس لے آئے اور اُن کو تابِع کر کے غُلام اور لَونڈِیاں بنا لِیا۔
12 اِس لِئے خُداوند کی طرف سے یہ کلام یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا۔ 13 کہ خُداوند اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ مَیں نے تُمہارے باپ دادا سے جِس دِن مَیں اُن کو مُلکِ مِصرؔ سے اور غُلامی کے گھر سے نِکال لایا یہ عہد باندھا۔ 14 کہ تُم میں سے ہر ایک اپنے عِبرانی بھائی کو جو اُس کے ہاتھ بیچا گیا ہو سات برس کے آخِر میں یعنی جب وہ چھ برس تک خِدمت کر چُکے تو آزاد کر دے لیکن تُمہارے باپ دادا نے میری نہ سُنی اور کان نہ لگایا۔ 15 اور آج ہی کے دِن تُم رجُوع لائے اور وُہی کِیا جو میری نظر میں بھلا ہے کہ ہر ایک نے اپنے ہمسایہ کو آزادی کا مُژدہ دِیا اور تُم نے اُس گھر میں جو میرے نام سے کہلاتا ہے میرے حضُور عہد باندھا۔ 16 لیکن تُم نے برگشتہ ہو کر میرے نام کو ناپاک کِیا اور ہر ایک نے اپنے غُلام کو اور اپنی لَونڈی کو جِن کو تُم نے آزاد کر کے اُن کی مرضی پر چھوڑ دِیا تھا پِھر پکڑ کر تابِع کِیا کہ تُمہارے لِئے غُلام اور لَونڈِیاں ہوں۔ 17 اِس لِئے خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُم نے میری نہ سُنی کہ ہر ایک اپنے بھائی اور اپنے ہمسایہ کو آزادی کا مُژدہ سُنائے۔ دیکھو خُداوند فرماتا ہے مَیں تُم کو تلوار اور وبا اور کال کے لِئے آزادی کا مُژدہ دیتا ہُوں اور مَیں اَیسا کرُوں گا کہ تُم رُویِ زمِین کی سب مُملکتوں میں دھکّے کھاتے پِھرو گے۔ 18 اور مَیں اُن آدمِیوں کو جِنہوں نے مُجھ سے عہد شِکنی کی اور اُس عہد کی باتیں جو اُنہوں نے میرے حضُور باندھا ہے پُوری نہیں کِیں جب بچھڑے کو دو ٹُکڑے کِیا اور اُن دو ٹُکڑوں کے درمِیان سے ہو کر گُذرے۔ 19 یعنی یہُوداؔہ کے اور یروشلیِم کے اُمرا اور خواجہ سرا اور کاہِن اور مُلک کے سب لوگ جو بچھڑے کے ٹُکڑوں کے درمِیان سے ہو کر گُذرے۔ 20 ہاں مَیں اُن کو اُن کے مُخالِفوں اور جانی دُشمنوں کے حوالہ کرُوں گا اور اُن کی لاشیں ہوائی پرِندوں اور زمِین کے درِندوں کی خُوراک ہوں گی۔ 21 اور مَیں شاہِ یہُوداؔہ صِدقیاہ کو اور اُس کے اُمرا کو اُن کے مُخالِفوں اور جانی دُشمنوں اور شاہِ بابل کی فَوج کے جو تُم کو چھوڑ کر چلی گئی حوالہ کر دُوں گا۔ 22 دیکھو مَیں حُکم کرُوں گا خُداوند فرماتا ہے اور اُن کو پِھر اِس شہر کی طرف واپس لاؤُں گا اور وہ اِس سے لڑیں گے اور فتح کر کے آگ سے جلائیں گے اور مَیں یہُوداؔہ کے شہروں کو وِیران کر دُوں گا کہ غَیر آباد ہوں۔
یرمِیاہ اور ریکابی
1 وہ کلام جو شاہِ یہُوداؔہ یہویقِیم بِن یوسیاؔہ کے ایّام میں خُداوند کی طرف سے یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا۔ 2 کہ تُو ریکابِیوں کے گھر جا اور اُن سے کلام کر اور اُن کو خُداوند کے گھر کی ایک کوٹھری میں لا کر مَے پِلا۔ 3 تب مَیں نے یازنیاؔہ بِن یَرمِیاؔہ بِن حبصِنیاؔہ اور اُس کے بھائِیوں اور اُس کے سب بیٹوں اور ریکابِیوں کے تمام گھرانے کو ساتھ لِیا۔ 4 اور مَیں اُن کو خُداوند کے گھر میں بنی حنان بِن یِجدؔلیاہ مردِ خُدا کی کوٹھری میں لایا جو اُمرا کی کوٹھری کے نزدِیک معسیاؔہ بِن سلُوؔم دربان کی کوٹھری کے اُوپر تھی۔ 5 اور مَیں نے مَے سے لبریز پِیالے اور جام ریکابِیوں کے گھرانے کے بیٹوں کے آگے رکھّے اور اُن سے کہا مَے پِیو۔
6 پر اُنہوں نے کہا ہم مَے نہ پِئیں گے کیونکہ ہمارے باپ یُوناداؔب بِن ریکاؔب نے ہم کو یُوں حُکم دِیا کہ تُم ہرگِز مَے نہ پِینا۔ نہ تُم نہ تُمہارے بیٹے۔ 7 اور نہ گھر بنانا اور نہ بِیج بونا نہ تاکِستان لگانا نہ اُن کے مالِک ہونا بلکہ عُمر بھر خَیموں میں رہنا تاکہ جِس سرزمِین میں تُم مُسافِر ہو تُمہاری عُمر دراز ہو۔ 8 چُنانچہ ہم نے اپنے باپ یُوناداؔب بِن ریکاؔب کی بات مانی۔ اُس کے حُکم کے مُطابِق ہم اور ہماری بِیویاں اور ہمارے بیٹے بیٹِیاں کبھی مَے نہیں پِیتے۔ 9 اور ہم نہ رہنے کے لِئے گھر بناتے اور نہ تاکِستان اور کھیت اور بِیج رکھتے ہیں۔ 10 پر ہم خَیموں میں بسے ہیں اور ہم نے فرمانبرداری کی اور جو کُچھ ہمارے باپ یُوناداؔب نے ہم کو حُکم دِیا ہم نے اُس پر عمل کِیا ہے۔ 11 لیکن یُوں ہُؤا کہ جب شاہِ بابل نبُوکدؔرضر اِس مُلک پر چڑھ آیا تو ہم نے کہا کہ آؤ ہم کسدیوں اور ارامیوں کی فَوج کے ڈر سے یروشلیِم کو چلے جائیں۔ یُوں ہم یروشلیِم میں بستے ہیں۔
12 تب خُداوند کا کلام یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا۔ 13 کہ ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ جا اور یہُوداؔہ کے آدمِیوں اور یروشلیِم کے باشِندوں سے یُوں کہہ کہ کیا تُم تربِیّت پذِیر نہ ہو گے کہ میری باتیں سُنو خُداوند فرماتا ہے؟ 14 جو باتیں یُوناداؔب بِن ریکاؔب نے اپنے بیٹوں کو فرمائِیں کہ مَے نہ پِیو وہ بجا لائے اور آج تک مَے نہیں پِیتے بلکہ اُنہوں نے اپنے باپ کے حُکم کو مانا لیکن مَیں نے تُم سے کلام کِیا اور بر وقت تُم کو فرمایا اور تُم نے میری نہ سُنی۔ 15 اور مَیں نے اپنے تمام خِدمت گُذار نبِیوں کو تُمہارے پاس بھیجا اور اُن کو بر وقت یہ کہتے ہُوئے بھیجا کہ تُم ہر ایک اپنی بُری راہ سے باز آؤ اور اپنے اعمال کو درُست کرو اور غَیر معبُودوں کی پَیروی اور عِبادت نہ کرو اور جو مُلک مَیں نے تُم کو اور تُمہارے باپ دادا کو دِیا ہے تُم اُس میں بسو گے لیکن تُم نے نہ کان لگایا نہ میری سُنی۔ 16 اِس سبب سے کہ یُوناداؔب بِن ریکاؔب کے بیٹے اپنے باپ کے حُکم کو جو اُس نے اُن کو دِیا تھا بجا لائے پر اِن لوگوں نے میری نہ سُنی۔ 17 اِس لِئے خُداوند ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے دیکھ مَیں یہُوداؔہ پر اور یروشلیِم کے تمام باشِندوں پر وہ سب مُصِیبت جِس کا مَیں نے اُن کے خِلاف اِعلان کِیا ہے لاؤُں گا کیونکہ مَیں نے اُن سے کلام کِیا پر وہ شِنوا نہ ہُوئے اور مَیں نے اُن کو بُلایا پر اُنہوں نے جواب نہ دِیا۔
18 اور یَرمِیاؔہ نے ریکابِیوں کے گھرانے سے کہا کہ ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ چُونکہ تُم نے اپنے باپ یُوناداؔب کے حُکم کو مانا اور اُس کی سب وصِیّتوں پر عمل کِیا ہے اور جو کُچھ اُس نے تُم کو فرمایا تُم بجا لائے۔ 19 اِس لِئے ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ یُوناداؔب بِن ریکاؔب کے لِئے میرے حضُور میں کھڑے ہونے کو کبھی آدمی کی کمی نہ ہو گی۔
بارُوک ہَیکل میں طُومار پڑھتا ہے
1 شاہِ یہُوداؔہ یہویقِیم بِن یوسِیاؔہ کے چَوتھے برس میں یہ کلام خُداوند کی طرف سے یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا۔ 2 کہ کِتاب کا ایک طُومار لے اور وہ سب کلام جو مَیں نے اِسرائیل اور یہُوداؔہ اور تمام اقوام کے خِلاف تُجھ سے کِیا اُس دِن سے لے کر جب سے مَیں تُجھ سے کلام کرنے لگا یعنی یوسیاؔہ کے ایّام سے آج کے دِن تک اُس میں لِکھ۔ 3 شاید یہُوداؔہ کا گھرانا اُس تمام مُصِیبت کا حال جو مَیں اُن پر لانے کا اِرادہ رکھتا ہُوں سُنے تاکہ وہ سب اپنی بُری روِش سے باز آئیں اور مَیں اُن کی بدکرداری اور گُناہ کو مُعاف کرُوں۔
4 تب یَرمِیاؔہ نے بارُوؔک بِن نیرِؔیاہ کو بُلایا اور بارُوؔک نے خُداوند کا وہ سب کلام جو اُس نے یَرمِیاؔہ سے کِیا تھا اُس کی زُبانی کِتاب کے اُس طُومار میں لِکھا۔ 5 اور یَرمِیاؔہ نے بارُوؔک کو حُکم دِیا اور کہا کہ مَیں تو مجبُور ہُوں۔ مَیں خُداوند کے گھر میں نہیں جا سکتا۔ 6 پر تُو جا اور خُداوند کا وہ کلام جو تُو نے میرے مُنہ سے اُس طُومار میں لِکھا ہے خُداوند کے گھر میں روزہ کے دِن لوگوں کو پڑھ کر سُنا اور تمام یہُوداؔہ کے لوگوں کو بھی جو اپنے شہروں سے آئے ہوں تُو وُہی کلام پڑھ کر سُنا۔ 7 شاید وہ خُداوند کے حضُور مِنّت کریں اور سب کے سب اپنی بُری روِش سے باز آئیں کیونکہ خُداوند کا قہر و غضب جِس کا اُس نے اِن لوگوں کے خِلاف اِعلان کِیا ہے شدِید ہے۔ 8 اور بارُوؔک بِن نیرِؔیاہ نے سب کُچھ جَیسا یَرمِیاؔہ نبی نے اُس کو فرمایا تھا وَیسا ہی کِیا اور خُداوند کے گھر میں خُداوند کا کلام اُس کِتاب سے پڑھ کر سُنایا۔
9 اور شاہِ یہُوداؔہ یہویقِیم بِن یوسیاؔہ کے پانچویں برس کے نویں مہِینے میں یُوں ہُؤا کہ یروشلیِم کے سب لوگوں نے اور اُن سب نے جو یہُوداؔہ کے شہروں سے یروشلیِم میں آئے تھے خُداوند کے حضُور روزہ کی مُنادی کی۔ 10 تب بارُوؔک نے کِتاب سے یَرمِیاؔہ کی باتیں خُداوند کے گھر میں جمرؔیاہ بِن سافن مُنشی کی کوٹھری میں اُوپر کے صحن کے درمِیان خُداوند کے گھر کے نئے پھاٹک کے مدخل پر سب لوگوں کے سامنے پڑھ سُنائِیں۔
طُومار اُمرا (حاکِموں) کے سامنے پڑھا جاتا ہے
11 جب مِیکایاؔہ بِن جمرؔیاہ بِن سافن نے خُداوند کا وہ سب کلام جو اُس کِتاب میں تھا سُنا۔ 12 تو وہ اُتر کر بادشاہ کے گھر مُنشی کی کوٹھری میں گیا اور سب اُمرا یعنی الِیسؔمع مُنشی اور دِلایاؔہ بِن سمعیاؔہ اور اِلناتن بِن عکبُور اور جمرؔیاہ بِن سافن اور صِدؔقیاہ بِن حننیاؔہ اور سب اُمرا وہاں بَیٹھے تھے۔ 13 تب مِیکایاؔہ نے وہ سب باتیں جو اُس نے سُنی تِھیں جب بارُوؔک کِتاب سے پڑھ کر لوگوں کو سُناتا تھا اُن سے بیان کِیں۔ 14 اور سب اُمرا نے یہُودؔی بِن نتنیاؔہ بِن سلمیاؔہ بِن کُوؔشی کو بارُوؔک کے پاس یہ کہہ کر بھیجا کہ وہ طُومار جو تُو نے لوگوں کو پڑھ کر سُنایا ہے اپنے ہاتھ میں لے اور چلا آ۔ پس بارُوؔک بِن نیرِؔیاہ وہ طُومار لے کر اُن کے پاس آیا۔ 15 اور اُنہوں نے اُسے کہا کہ اب بَیٹھ جا اور ہم کو یہ پڑھ کر سُنا اور بارُوؔک نے اُن کو پڑھ کر سُنایا۔ 16 اور جب اُنہوں نے وہ سب باتیں سُنِیں تو ڈر کر ایک دُوسرے کا مُنہ تاکنے لگے اور بارُوؔک سے کہا کہ ہم یقِیناً یہ سب باتیں بادشاہ سے بیان کریں گے۔ 17 اور اُنہوں نے یہ کہہ کر بارُوؔک سے پُوچھا کہ ہم سے کہہ کہ تُو نے یہ سب باتیں اُس کی زبانی کیونکر لِکھِیں؟
18 تب بارُوؔک نے اُن سے کہا وہ یہ سب باتیں مُجھے اپنے مُنہ سے کہتا گیا اور مَیں سِیاہی سے کِتاب میں لِکھتا گیا۔
19 تب اُمرا نے بارُوؔک سے کہا کہ جا اپنے آپ کو اور یَرمِیاؔہ کو چُھپا اور کوئی نہ جانے کہ تُم کہاں ہو۔
بادشاہ طُومار جلا دیتا ہے
20 اور وہ بادشاہ کے پاس صحن میں گئے لیکن اُس طُومار کو الِیسمع مُنشی کی کوٹھری میں رکھ گئے اور وہ باتیں بادشاہ کو کہہ سُنائِیں۔ 21 تب بادشاہ نے یہُودؔی کو بھیجا کہ طُومار لائے اور وہ اُسے الِیسمع مُنشی کی کوٹھری میں سے لے آیا اور یہُودؔی نے بادشاہ اور سب اُمرا کو جو بادشاہ کے حضُور کھڑے تھے اُسے پڑھ کر سُنایا۔ 22 اور بادشاہ زمِستانی محلّ میں بَیٹھا تھا کیونکہ نواں مہِینہ تھا اور اُس کے سامنے انگِیٹھی جل رہی تھی۔ 23 اور جب یہُودؔی نے تِین چار ورق پڑھے تو اُس نے اُسے مُنشی کے قلم تراش سے کاٹا اور انگِیٹھی کی آگ میں ڈال دِیا یہاں تک کہ تمام طُومار انگِیٹھی کی آگ سے بھسم ہو گیا۔ 24 لیکن وہ نہ ڈرے نہ اُنہوں نے اپنے کپڑے پھاڑے نہ بادشاہ نے نہ اُس کے مُلازِموں میں سے کِسی نے جِنہوں نے یہ سب باتیں سُنی تِھیں۔ 25 لیکن اِلناتن اور دِلایاؔہ اور جمریاؔہ نے بادشاہ سے عرض کی کہ طُومار کو نہ جلائے پر اُس نے اُن کی ایک نہ سُنی۔ 26 اور بادشاہ نے شاہزادہ یرحمئیل کو اور شرایاؔہ بِن عزری ایل اور سلمیاؔہ بِن عبدی ایل کو حُکم دِیا کہ بارُوؔک مُنشی اور یَرمِیاؔہ نبی کو گرِفتار کریں لیکن خُداوند نے اُن کو چُھپایا۔
یَرمِیاہ ایک اور طُومار لِکھتا ہے
27 اور جب بادشاہ طُومار اور اُن باتوں کو جو بارُوؔک نے یَرمِیاؔہ کی زُبانی لِکھی تِھیں جلا چُکا تو خُداوند کا یہ کلام یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا۔ 28 کہ تُو دُوسرا طُومار لے اور اُس میں وہ سب باتیں لِکھ جو پہلے طُومار میں تِھیں جِسے شاہِ یہُوداؔہ یہویقِیم نے جلا دِیا۔ 29 اور شاہِ یہُوداؔہ یہویقِیم سے کہہ کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُو نے طُومار کو جلا دِیا اور کہا ہے کہ تُو نے اُس میں یُوں کیوں لِکھا کہ شاہِ بابل یقِیناً آئے گا اور اِس مُلک کو غارت کرے گا اور نہ اِس میں اِنسان باقی چھوڑے گا نہ حَیوان۔ 30 اِس لِئے شاہِ یہُوداؔہ یہُویقِیم کی بابت خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اُس کی نسل میں سے کوئی نہ رہے گا جو داؤُد کے تخت پر بَیٹھے اور اُس کی لاش پھینکی جائے گی تاکہ دِن کو گرمی میں اور رات کو پالے میں پڑی رہے۔ 31 اور مَیں اُس کو اور اُس کی نسل کو اور اُس کے مُلازِموں کو اُن کی بدکرداری کی سزا دُوں گا اور مَیں اُن پر اور یروشلیِم کے باشِندوں پر اور یہُوداؔہ کے لوگوں پر وہ سب مُصِیبت لاؤُں گا جِس کا مَیں نے اُن کے خِلاف اِعلان کِیا پر وہ شِنوا نہ ہُوئے۔
32 تب یَرمِیاؔہ نے دُوسرا طُومار لِیا اور بارُوؔک بِن نیرِؔیاہ مُنشی کو دِیا اور اُس نے اُس کِتاب کی سب باتیں جِسے شاہِ یہُوداؔہ یہویقِیم نے آگ میں جلایا تھا یَرمِیاؔہ کی زُبانی اُس میں لِکھِیں اور اُن کے سِوا وَیسی ہی اَور بُہت سی باتیں اُن میں بڑھا دی گئِیں۔
صدقیاہ یَرمِیاہ سے درخواست کرتا ہے
1 اور صِدقیاہ بِن یوسِیاؔہ جِس کو شاہِ بابل نبُوکدؔرضر نے مُلکِ یہُوداؔہ پر بادشاہ مُقرّر کِیا تھا کُونیاؔہ بِن یہویقِیم کی جگہ بادشاہی کرنے لگا۔ 2 لیکن نہ اُس نے نہ اُس کے مُلازِموں نے نہ مُلک کے لوگوں نے خُداوند کی وہ باتیں سُنِیں جو اُس نے یَرمِیاؔہ نبی کی مَعرفت فرمائی تِھیں۔
3 اور صِدقیاہ بادشاہ نے یہُوکل بِن سلمیاؔہ اور صفنیاؔہ بِن معسیاؔہ کاہِن کی مَعرفت یَرمِیاؔہ نبی کو کہلا بھیجا کہ اب ہمارے لِئے خُداوند ہمارے خُدا سے دُعا کر۔ 4 ہنُوز یَرمِیاؔہ لوگوں کے درمِیان آیا جایا کرتا تھا کیونکہ اُنہوں نے ابھی اُسے قَید خانہ میں نہیں ڈالا تھا۔ 5 اِس وقت فرِعونؔ کی فَوج نے مِصرؔ سے چڑھائی کی اور جب کسدیوں نے جو یروشلیِم کا مُحاصرہ کِئے تھے اِس کی شُہرت سُنی تو وہاں سے چلے گئے۔
6 تب خُداوند کا یہ کلام یَرمِیاؔہ نبی پر نازِل ہُؤا۔ 7 کہ خُداوند اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ تُم شاہِ یہُوداؔہ سے جِس نے تُم کو میری طرف بھیجا کہ مُجھ سے دریافت کرو یُوں کہنا کہ دیکھ فرِعونؔ کی فَوج جو تُمہاری مدد کو نِکلی ہے اپنے مُلک مِصرؔ کو لَوٹ جائے گی۔ 8 اور کسدی واپس آ کر اِس شہر سے لڑیں گے اور اِسے فتح کر کے آگ سے جلائیں گے۔ 9 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُم یہ کہہ کر اپنے آپ کو فریب نہ دو کہ کسدی ضرُور ہمارے پاس سے چلے جائیں گے کیونکہ وہ نہ جائیں گے۔ 10 اور اگرچہ تُم کسدیوں کی تمام فَوج کو جو تُم سے لڑتی ہے اَیسی شِکست دیتے کہ اُن میں سے صِرف زخمی باقی رہتے تَو بھی وہ سب اپنے اپنے خَیمہ سے اُٹھتے اور اِس شہر کو جلا دیتے۔
یَرمِیاہ کی گرِفتاری اور قَید میں ڈالا جانا
11 اور جب کسدیوں کی فَوج فرِعونؔ کی فَوج کے ڈر سے یروشلیِم کے سامنے سے کُوچ کر گئی۔ 12 تو یَرمِیاؔہ یروشلیِم سے نِکلا کہ بِنیمِین کے عِلاقہ میں جا کر وہاں لوگوں کے درمِیان اپنا حِصّہ لے۔ 13 اور جب وہ بِنیمِین کے پھاٹک پر پُہنچا تو وہاں پہرے والوں کا داروغہ تھا جِس کا نام اِرّیاہ بِن سلمیاؔہ بِن حننیاؔہ تھا اور اُس نے یَرمِیاؔہ نبی کو پکڑا اور کہا کہ تُو کسدیوں کی طرف بھاگا جاتا ہے۔
14 تب یَرمِیاؔہ نے کہا یہ جُھوٹ ہے۔ مَیں کسدیوں کی طرف بھاگا نہیں جاتا ہُوں پر اُس نے اُس کی ایک نہ سُنی پس اِرّیاہ یَرمِیاؔہ کو پکڑ کر اُمرا کے پاس لایا۔ 15 اور اُمرا یَرمِیاؔہ پر غضب ناک ہُوئے اور اُسے مارا اور یُونتن مُنشی کے گھر میں اُسے قَید کِیا کیونکہ اُنہوں نے اُس گھر کو قَید خانہ بنا رکھّا تھا۔ 16 جب یَرمِیاؔہ قَید خانہ میں اور اُس کے تہ خانوں میں داخِل ہو کر بُہت دِنوں تک وہاں رہ چُکا۔
17 تو صِدقیاہ بادشاہ نے آدمی بھیج کر اُسے نِکلوایا اور اپنے محلّ میں اُس سے خُفیہ طَور سے دریافت کِیا کہ کیا خُداوند کی طرف سے کوئی کلام ہے؟
اور یَرمِیاؔہ نے کہا کہ ہے کیونکہ اُس نے فرمایا ہے کہ تُو شاہِ بابل کے حوالہ کِیا جائے گا۔ 18 اور یَرمِیاؔہ نے صِدقیاہ بادشاہ سے کہا کہ مَیں نے تیرا اور تیرے مُلازِموں کا اور اِن لوگوں کا کیا گُناہ کِیا ہے کہ تُم نے مُجھے قَید خانہ میں ڈالا ہے؟ 19 اب تُمہارے نبی کہاں ہیں جو تُم سے نبُوّت کرتے اور کہتے تھے کہ شاہِ بابل تُم پر اور اِس مُلک پر چڑھائی نہیں کرے گا؟ 20 اب اَے بادشاہ میرے آقا! میری سُن۔ میری درخواست قبُول فرما اور مُجھے یونتن مُنشی کے گھر میں واپس نہ بھیج اَیسا نہ ہو کہ مَیں وہاں مَر جاؤُں۔
21 تب صِدقیاہ بادشاہ نے حُکم دِیا اور اُنہوں نے یَرمِیاؔہ کو قَید خانہ کے صحن میں رکھّا اور ہر روز اُسے نانبائِیوں کے محلّہ سے ایک روٹی لے کر دیتے رہے جب تک کہ شہر میں روٹی مِل سکتی تھی۔ پس یَرمِیاؔہ قَید خانہ کے صحن میں رہا۔
یَرمِیاہ ایک کیِچڑ والے حَوض میں
1 پِھر سفطیاؔہ بِن متّان اور جدلیاؔہ بِن فشحُور اور یوکُل بِن سلمیاؔہ اور فشحُور بِن ملکیاہ نے وہ باتیں جو یَرمِیاؔہ سب لوگوں سے کہتا تھا سُنِیں۔ وہ کہتا تھا۔ 2 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ جو کوئی اِس شہر میں رہے گا وہ تلوار اور کال اور وبا سے مَرے گا اور جو کسدیوں میں جا مِلے گا وہ زِندہ رہے گا اور اُس کی جان اُس کے لِئے غنِیمت ہو گی اور وہ جِیتا رہے گا۔ 3 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ یہ شہر یقِیناً شاہِ بابل کی فَوج کے حوالہ کر دِیا جائے گا اور وہ اِسے لے لے گا۔
4 اِس لِئے اُمرا نے بادشاہ سے کہا ہم تُجھ سے عرض کرتے ہیں کہ اِس آدمی کو قتل کروا کیونکہ یہ جنگی مَردوں کے ہاتھوں کو جو اِس شہر میں باقی ہیں اور سب لوگوں کے ہاتھوں کو اُن سے اَیسی باتیں کہہ کر سُست کرتا ہے کیونکہ یہ شخص اِن لوگوں کا خَیر خواہ نہیں بلکہ بدخواہ ہے۔
5 تب صِدقیاہ بادشاہ نے کہا وہ تُمہارے قابُو میں ہے کیونکہ بادشاہ تُمہارے خِلاف کُچھ نہیں کر سکتا۔ 6 تب اُنہوں نے یَرمِیاؔہ کو پکڑ کر ملکیاؔہ شاہزادہ کے حَوض میں جو قَید خانہ کے صحن میں تھا ڈال دِیا اور اُنہوں نے یَرمِیاؔہ کو رسّے سے باندھ کر لٹکایا اور حَوض میں کُچھ پانی نہ تھا بلکہ کِیچ تھی اور یَرمِیاؔہ کِیچ میں دھس گیا۔
7 اور جب عبدؔملِک کُوشی نے جو شاہی محلّ کے خواجہ سراؤں میں سے تھا سُنا کہ اُنہوں نے یَرمِیاؔہ کو حَوض میں ڈال دِیا ہے جب کہ بادشاہ بِنیمِین کے پھاٹک میں بَیٹھا تھا۔ 8 تو عبدؔملِک بادشاہ کے محلّ سے نِکلا اور بادشاہ سے یُوں عرض کی۔ 9 کہ اَے بادشاہ میرے آقا! اِن لوگوں نے یَرمِیاؔہ نبی سے جو کُچھ کِیا بُرا کِیا کیونکہ اُنہوں نے اُسے حَوض میں ڈال دِیا ہے اور وہ وہاں بُھوک سے مَر جائے گا کیونکہ شہر میں روٹی نہیں ہے۔ 10 تب بادشاہ نے عبدؔملِک کُوشی کو یُوں حُکم دِیا کہ تُو یہاں سے تِیس آدمی اپنے ساتھ لے اور یَرمِیاؔہ نبی کو پیشتر اِس سے کہ وہ مَر جائے حَوض میں سے نِکال۔ 11 اور عبدؔملِک اُن آدمِیوں کو جو اُس کے پاس تھے اپنے ساتھ لے کر بادشاہ کے محلّ میں خزانہ کے نِیچے گیا اور پُرانے چِتھڑے اور پُرانے سڑے ہُوئے لتّے وہاں سے لِئے اور اُن کو رسِّیِوں کے وسِیلہ سے حَوض میں یَرمِیاؔہ کے پاس لٹکایا۔ 12 اور عبدؔملِک کُوشی نے یَرمِیاؔہ سے کہا کہ اِن پُرانے چِتھڑوں اور سڑے ہُوئے لتّوں کو رسّی کے نِیچے اپنی بغل تلے رکھ اور یَرمِیاؔہ نے وَیسا ہی کِیا۔ 13 اور اُنہوں نے رسِّیوں سے یَرمِیاؔہ کو کھینچا اور حَوض سے باہر نِکالا اور یَرمِیاؔہ قَید خانہ کے صحن میں رہا۔
صدقیاہ یرمِیاہ سے صلاح لیتا ہے
14 تب صِدقیاہ بادشاہ نے یَرمِیاؔہ نبی کو خُداوند کے گھر کے تِیسرے مدخل میں اپنے پاس بُلوایا اور بادشاہ نے یَرمِیاؔہ سے کہا مَیں تُجھ سے ایک بات پُوچھتا ہُوں۔ تُو مُجھ سے کُچھ نہ چُھپا۔
15 اور یَرمِیاؔہ نے صِدقیاہ سے کہا کہ اگر مَیں تُجھ سے کھول کر بیان کرُوں تو کیا تُو مُجھے یقِیناً قتل نہ کرے گا؟ اور اگر مَیں تُجھے صلاح دُوں تو تُو نہ مانے گا۔
16 تب صِدقیاہ بادشاہ نے یَرمِیاؔہ کے سامنے تنہائی میں کہا زِندہ خُداوند کی قَسم جو ہماری جانوں کا خالِق ہے کہ نہ مَیں تُجھے قتل کرُوں گا اور نہ اُن کے حوالہ کرُوں گا جو تیری جان کے خواہاں ہیں۔
17 تب یَرمِیاؔہ نے صِدقیاہ سے کہا کہ خُداوند لشکروں کا خُدا اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ یقیناً اگر تُو نِکل کر شاہِ بابل کے اُمرا کے پاس چلا جائے گا تو تیری جان بچ جائے گی اور یہ شہر آگ سے جلایا نہ جائے گا اور تُو اور تیرا گھرانا زِندہ رہے گا۔ 18 پر اگر تُو شاہِ بابل کے اُمرا کے پاس نہ جائے گا تو یہ شہر کسدیوں کے حوالہ کر دِیا جائے گا اور وہ اِسے جلا دیں گے اور تُو اُن کے ہاتھ سے رہائی نہ پائے گا۔
19 اور صِدقیاہ بادشاہ نے یَرمِیاؔہ سے کہا کہ مَیں اُن یہُودِیوں سے ڈرتا ہُوں جو کسدیوں سے جا مِلے ہیں۔ اَیسا نہ ہو کہ وہ مُجھے اُن کے حوالہ کریں اور وہ مُجھ پر طعنہ ماریں۔
20 اور یَرمِیاؔہ نے کہا وہ تُجھے حوالہ نہ کریں گے۔ مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں تُو خُداوند کی بات جو مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں مان لے۔ اِس سے تیرا بھلا ہو گا اور تیری جان بچ جائے گی۔ 21 پر اگر تُو جانے سے اِنکار کرے تو یِہی کلام ہے جو خُداوند نے مُجھ پر ظاہِر کِیا۔ 22 کہ دیکھ وہ سب عَورتیں جو شاہِ یہُوداؔہ کے محلّ میں باقی ہیں شاہِ بابل کے اُمرا کے پاس پُہنچائی جائیں گی اور کہیں گی کہ
تیرے دوستوں نے تُجھے فریب دِیا
اور تُجھ پر غالِب آئے۔
جب تیرے پاؤں کِیچ میں دھس گئے
تو وہ اُلٹے پِھر گئے۔
23 اور وہ تیری سب بِیوِیوں اور تیرے بیٹوں کو کسدیوں کے پاس نِکال لے جائیں گے اور تُو بھی اُن کے ہاتھ سے رہائی نہ پائے گا بلکہ شاہِ بابل کے ہاتھ میں گرِفتار ہو گا اور تُو اِس شہر کے آگ سے جلائے جانے کا باعِث ہو گا۔
24 تب صِدقیاہ نے یَرمِیاؔہ سے کہا کہ اِن باتوں کو کوئی نہ جانے تو تُو مارا نہ جائے گا۔ 25 پر اگر اُمرا سُن لیں کہ مَیں نے تُجھ سے بات چِیت کی اور وہ تیرے پاس آ کر کہیں کہ جو کُچھ تُو نے بادشاہ سے کہا اور جو کُچھ بادشاہ نے تُجھ سے کہا اب ہم پر ظاہِر کر۔ ہم سے نہ چُھپا اور ہم تُجھے قتل نہ کریں گے۔ 26 تب تُو اُن سے کہنا کہ مَیں نے بادشاہ سے عرض کی تھی کہ مُجھے پِھر یونتن کے گھر میں واپس نہ بھیجے کہ وہاں مَروں۔ 27 تب سب اُمرا یَرمِیاؔہ کے پاس آئے اور اُس سے پُوچھا اور اُس نے اِن سب باتوں کے مُطابِق جو بادشاہ نے فرمائی تِھیں اُن کو جواب دِیا اور وہ اُس کے پاس سے چُپ ہو کر چلے گئے کیونکہ اصل مُعاملہ اُن کو معلُوم نہ ہُؤا۔ 28 اور جِس دِن تک یروشلیِم فتح نہ ہُؤا یَرمِیاؔہ قَید خانہ کے صحن میں رہا اور جب یروشلیِم فتح ہُؤا تو وہ وہِیں تھا۔
سقُوطِ یروشلیِم
1 شاہِ یہُوداؔہ صِدقیاہ کے نوِیں برس کے دسویں مہِینے میں شاہِ بابل نبُوکدؔرضر اپنی تمام فَوج لے کر یروشلیِم پر چڑھ آیا اور اُس کا مُحاصرہ کِیا۔ 2 صِدقیاہ کے گیارھویں برس کے چَوتھے مہِینے کی نوِیں تارِیخ کو شہر کی فصِیل میں رخنہ ہو گیا۔
3 اور شاہِ بابل کے سب سردار یعنی نَیرگل سراضر۔ سمگرنبُو۔ سر سکِیم خواجہ سراؤں کا سردار۔ نَیرگل سراضر مجُوسِیوں کا سردار اور شاہِ بابل کے باقی سردار داخِل ہُوئے اور درمِیانی پھاٹک پر بَیٹھے۔
4 اور شاہِ یہُوداؔہ صِدقیاہ اور سب جنگی مَرد اُن کو دیکھ کر بھاگے اور دونوں دِیواروں کے درمِیان جو پھاٹک شاہی باغ کے برابر تھا اُس سے وہ رات ہی رات بھاگ نِکلے اور بیابان کی راہ لی۔ 5 لیکن کسدیوں کی فَوج نے اُن کا پِیچھا کِیا اور یرِیحُو کے مَیدان میں صِدقیاہ کو جا لِیا اور اُس کو پکڑ کر رِبلہ میں شاہِ بابل نبُوکدؔرضر کے پاس حمات کے علاقہ میں لے گئے اور اُس نے اُس پر فتویٰ دِیا۔ 6 اور شاہِ بابل نے صِدقیاہ کے بیٹوں کو رِبلہ میں اُس کی آنکھوں کے سامنے ذبح کِیا اور یہُوداؔہ کے سب شُرفا کو بھی قتل کِیا۔ 7 اور اُس نے صِدقیاہ کی آنکھیں نِکال ڈالِیں اور بابل کو لے جانے کے لِئے اُسے زنجِیروں سے جکڑا۔ 8 اور کسدیوں نے شاہی محلّ کو اور لوگوں کے گھروں کو آگ سے جلا دِیا اور یروشلیِم کی فصِیل کو گِرا دِیا۔ 9 اِس کے بعد جلوداروں کا سردار نبُوزراداؔن باقی لوگوں کو جو شہر میں رہ گئے تھے اور اُن کو جو اُس کی طرف ہو کر اُس کے پاس بھاگ آئے تھے یعنی قَوم کے سب باقی لوگوں کو اسِیر کر کے بابل کو لے گیا۔ 10 پر قَوم کے مِسکِینوں کو جِن کے پاس کُچھ نہ تھا جلوداروں کے سردار نبُوزراداؔن نے یہُوداؔہ کے مُلک میں رہنے دِیا اور اُسی وقت اُن کو تاکِستان اور کھیت بخشے۔
یَرمِیاہ کی رِہائی
11 اور شاہِ بابل نبُوکدؔرضر نے یَرمِیاؔہ کی بابت جلوداروں کے سردار نبُوزراداؔن کو تاکِید کر کے یُوں کہا۔ 12 کہ اُسے لے کر اُس پر خُوب نِگاہ رکھ اور اُسے کُچھ دُکھ نہ دے بلکہ تُو اُس سے وُہی کر جو وہ تُجھے کہے۔ 13 سو جلوداروں کے سردار نبُوزراداؔن نبُوشزؔبان خواجہ سراؤں کے سردار نَیرگل سراضر مُجوسِیوں کے سردار اور بابل کے سب سرداروں نے آدمی بھیج کر 14 یَرمِیاؔہ کو قَید خانہ کے صحن سے نِکلوا لِیا اور جِدلیاؔہ بِن اخِیقاؔم بِن سافن کے سپُرد کِیا کہ اُسے گھر لے جائے۔ سو وہ لوگوں کے ساتھ رہنے لگا۔
عبدملِک کے لِئے اُمّید
15 اور جب یَرمِیاؔہ قَید خانہ کے صحن میں بند تھا خُداوند کا یہ کلام اُس پر نازِل ہُؤا۔ 16 کہ جا عبدؔملِک کُوشی سے کہہ کہ ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں اپنی باتیں اِس شہر کی بھلائی کے لِئے نہیں بلکہ خرابی کے لِئے پُوری کرُوں گا اور وہ اُس روز تیرے سامنے پُوری ہوں گی۔ 17 پر اُس دِن مَیں تُجھے رہائی دُوں گا خُداوند فرماتا ہے اور تُو اُن لوگوں کے حوالہ نہ کِیا جائے گا جِن سے تُو ڈرتا ہے۔ 18 کیونکہ مَیں تُجھے ضرُور بچاؤُں گا اور تُو تلوار سے مارا نہ جائے گا بلکہ تیری جان تیرے لِئے غنِیمت ہو گی اِس لِئے کہ تُو نے مُجھ پر توکُّل کِیا خُداوند فرماتا ہے۔
یَرمِیاہ جدلیاہ کے پاس قیام کرتا ہے
1 وہ کلام جو خُداوند کی طرف سے یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا اِس کے بعد کہ جلوداروں کے سردار نبُوزراداؔن نے اُس کو رامہ سے روانہ کر دِیا جب اُس نے اُسے ہتھکڑیوں سے جکڑا ہُؤا اُن سب اسِیروں کے درمِیان پایا جو یروشلیِم اور یہُوداؔہ کے تھے جِن کو اسِیر کر کے بابل کو لے جا رہے تھے۔
2 اور جلوداروں کے سردار نے یَرمِیاؔہ کو لے کر اُس سے کہا کہ خُداوند تیرے خُدا نے اِس بلا کی جو اِس جگہ پر آئی خبر دی تھی۔ 3 سو خُداوند نے اُسے نازِل کِیا اور اُس نے اپنے قَول کے مُطابِق کِیا کیونکہ تُم لوگوں نے خُداوند کا گُناہ کِیا اور اُس کی نہیں سُنی اِس لِئے تُمہارا یہ حال ہُؤا۔ 4 اور دیکھ آج مَیں تُجھے اِن ہتھکڑیوں سے جو تیرے ہاتھوں میں ہیں رہائی دیتا ہُوں۔ اگر میرے ساتھ بابل چلنا تیری نظر میں بِہتر ہو تو چل اور مَیں تُجھ پر خُوب نِگاہ رکُھّوں گا اور اگر میرے ساتھ بابل چلنا تیری نظر میں بُرا لگے تو یہِیں رہ۔ تمام مُلک تیرے سامنے ہے۔ جہاں تیرا جی چاہے اور تُو مُناسِب جانے وہِیں چلا جا۔
5 وہ وہِیں تھا کہ اُس نے پِھر کہا تُو جِدلیاؔہ بِن اخِیقاؔم بِن سافن کے پاس جِسے شاہِ بابل نے یہُوداؔہ کے شہروں کا حاکِم کِیا ہے چلا جا اور لوگوں کے درمِیان اُس کے ساتھ رہ ورنہ جہاں تیری نظر میں بِہتر ہو وہِیں چلا جا۔ اور جلوداروں کے سردار نے اُسے خُوراک اور اِنعام دے کر رُخصت کِیا۔ 6 تب یَرمِیاؔہ جِدلیاؔہ بِن اخِیقاؔم کے پاس مِصفاؔہ میں گیا اور اُس کے ساتھ اُن لوگوں کے درمِیان جو اُس مُلک میں باقی رہ گئے تھے رہنے لگا۔
یہُوداؔہ کا حاکِم (گورنر) جدلیاہ
7 جب لشکروں کے سب سرداروں نے اور اُن کے آدمِیوں نے جو مَیدان میں رہ گئے تھے سُنا کہ شاہِ بابل نے جِدلیاؔہ بِن اخِیقاؔم کو مُلک کا حاکِم مُقرّر کِیا ہے اور مَردوں اور عَورتوں اور بچّوں کو اور مُملکت کے مِسکِینوں کو جو اسِیر ہو کر بابل کو نہ گئے تھے اُس کے سپُرد کِیا ہے۔ 8 تو اِسمٰعیل بِن نتنیاؔہ اور یُوحناؔن اور یُونتن بنی قرِیح اور سِراؔیاہ بِن تنحُومت اور بنی عیِفی نطُوفاتی اور یزنیاؔہ بِن معکاؔتی اپنے آدمِیوں کے ساتھ جدلیاؔہ کے پاس مِصفاؔہ میں آئے۔ 9 اور جِدلیاؔہ بِن اخِیقاؔم بِن سافن نے اُن سے اور اُن کے آدمِیوں سے قَسم کھا کر کہا کہ تُم کسدیوں کی خِدمت گُذاری سے نہ ڈرو۔ اپنے مُلک میں بسو اور شاہِ بابل کی خِدمت کرو تو تُمہارا بھلا ہو گا۔ 10 اور دیکھو مَیں تو اِس لِئے مِصفاؔہ میں رہتا ہُوں کہ جو کسدی ہمارے پاس آئیں اُن کی خِدمت میں حاضِر رہُوں پر تُم مَے اور تابِستانی میوے اور تیل جمع کر کے اپنے برتنوں میں رکھّو اور اپنے شہروں میں جِن پر تُم نے قبضہ کِیا ہے بسو۔ 11 اور اِسی طرح جب اُن سب یہُودیوں نے جو موآب اور بنی عمُّون اور ادُوم اور تمام مُمالِک میں تھے سُنا کہ شاہِ بابل نے یہُوداؔہ کے چند لوگوں کو رہنے دِیا ہے اور جِدلیاؔہ بِن اخِیقاؔم بِن سافن کو اُن پر حاکِم مُقرّر کِیا ہے۔ 12 تو سب یہُودی ہر جگہ سے جہاں وہ تِتّربِتّر کِئے گئے تھے لَوٹے اور یہُوداؔہ کے مُلک میں مِصفاؔہ میں جِدلیاؔہ کے پاس آئے اور مَے اور تابِستانی میوے کثرت سے جمع کِئے۔
جِدلیاہ کا قتل
13 اور یُوحناؔن بِن قرِیح اور لشکروں کے سب سردار جو مَیدانوں میں تھے مِصفاؔہ میں جِدلیاؔہ کے پاس آئے۔ 14 اور اُس سے کہنے لگے کیا تُو جانتا ہے کہ بنی عمُّون کے بادشاہ بعلِیس نے اِسمٰعیل بِن نتنیاؔہ کو اِس لِئے بھیجا ہے کہ تُجھے قتل کرے؟ پر جِدؔلیاہ بِن اخِیقاؔم نے اُن کا یقِین نہ کِیا۔ 15 اور یُوحناؔن بِن قرِؔیح نے مِصفاؔہ میں جِدلیاؔہ سے تنہائی میں کہا کہ اِجازت ہو تو مَیں اِسمٰعیل بِن نتنیاؔہ کو قتل کرُوں اور اِس کو کوئی نہ جانے گا۔ وہ کیوں تُجھے قتل کرے اور سب یہُودی جو تیرے پاس جمع ہُوئے ہیں پراگندہ کِئے جائیں اور یہُوداؔہ کے باقی ماندہ لوگ ہلاک ہوں؟
16 پر جِدلیاؔہ بِن اخِیقاؔم نے یُوحناؔن بِن قرِیح سے کہا تُو ایسا کام ہرگِز نہ کرنا کیونکہ تُو اِسمٰعیل کی بابت جُھوٹ کہتا ہے۔
1 اور ساتویں مہِینے میں یُوں ہُؤا کہ اِسمٰعیل بِن نتنیاؔہ بِن الیسمع جو شاہی نسل سے اور بادشاہ کے سرداروں میں سے تھا دس آدمی ساتھ لے کر جِدلیاؔہ بِن اخِیقاؔم کے پاس مِصفاؔہ میں آیا اور اُنہوں نے وہاں مِصفاؔہ میں مِل کر کھانا کھایا۔ 2 تب اِسمٰعیل بِن نتنیاؔہ اُن دس آدمِیوں سمیت جو اُس کے ساتھ تھے اُٹھا اور جِدلیاؔہ بِن اخیقاؔم بِن سافن کو جِسے شاہِ بابل نے مُلک کا حاکِم مُقرّر کِیا تھا تلوار سے مارا اور اُسے قتل کِیا۔ 3 اور اِسمٰعیل نے اُن سب یہُودِیوں کو جو جِدلیاؔہ کے ساتھ مِصفاؔہ میں تھے اور کسدی سِپاہِیوں کو جو وہاں حاضِر تھے قتل کِیا۔
4 اور جب وہ جِدلیاؔہ کو مار چُکا اور کِسی کو خبر نہ ہُوئی تو اُس کے دُوسرے دِن یُوں ہُؤا۔ 5 کہ سِکم اور سَیلا اور سامرِؔیہ سے کُچھ لوگ جو سب کے سب اسّی آدمی تھے داڑھی مُنڈائے اور کپڑے پھاڑے اور اپنے آپ کو گھایل کِئے اور ہدئے اور لُبان ہاتھوں میں لِئے ہُوئے وہاں آئے تاکہ خُداوند کے گھر میں گُذرانیں۔ 6 اور اِسمٰعیل بِن نتنیاؔہ مِصفاؔہ سے اُن کے اِستقبال کو نِکلا اور روتا ہُؤا چلا اور یُوں ہُؤا کہ جب وہ اُن سے مِلا تو اُن سے کہنے لگا کہ جِدلیاؔہ بِن اخِیقاؔم کے پاس چلو۔ 7 اور پِھر جب وہ شہر کے وسط میں پُہنچے تو اِسمٰعیل بِن نتنیاؔہ اور اُس کے ساتِھیوں نے اُن کو قتل کر کے حَوض میں پھینک دِیا۔
8 پر اُن میں سے دس آدمی تھے جِنہوں نے اِسمٰعیل سے کہا کہ ہم کو قتل نہ کر کیونکہ ہمارے گیہُوں اور جَو اور تیل اور شہد کے ذخِیرے کھیتوں میں پوشِیدہ ہیں۔ سو وہ باز رہا اور اُن کو اُن کے بھائِیوں کے ساتھ قتل نہ کِیا۔ 9 اور وہ حَوض جِس میں اِسمٰعیل نے اُن لوگوں کی لاشوں کو پھینکا تھا جِن کو اُس نے جِدلیاؔہ کے ساتھ قتل کِیا (وُہی ہے جِسے آسا بادشاہ نے شاہِ اِسرائیل بعشا کے ڈر سے بنایا تھا) اور اِسمٰعیل بِن نتنیاؔہ نے اُس کو مقتُولوں کی لاشوں سے بھر دِیا۔ 10 تب اِسمٰعیل سب باقی لوگوں کو یعنی شاہزادِیوں اور اُن سب لوگوں کو جو مِصفاؔہ میں رہتے تھے جِن کو جلوداروں کے سردار نبُوزراداؔن نے جِدلیاؔہ بِن اخِیقاؔم کے سِپُرد کِیا تھا اسِیر کر کے لے گیا۔ اِسمٰعیل بِن نتنیاؔہ اُن کو اسِیر کر کے روانہ ہُؤا کہ پار ہو کر بنی عمُّون میں جا پُہنچے۔
11 لیکن جب یُوحناؔن بِن قرِیح نے اور لشکر کے سب سرداروں نے جو اُس کے ساتھ تھے اِسمٰعیل بِن نتنیاؔہ کی تمام شرارت کی بابت جو اُس نے کی تھی سُنا۔ 12 تو وہ سب لوگوں کو لے کر اُس سے لڑنے کو گئے اور جِبعُوؔن کے بڑے تالاب پر اُسے جا لِیا۔ 13 اور یُوں ہُؤا کہ جب اُن سب لوگوں نے جو اِسمٰعیل کے ساتھ تھے یُوحناؔن بِن قرِیح کو اور اُس کے ساتھ سب فَوجی سرداروں کو دیکھا تو وہ خُوش ہُوئے۔ 14 تب وہ سب لوگ جِن کو اِسمٰعیل مِصفاؔہ سے پکڑ لے گیا تھا پلٹے اور یُوحناؔن بِن قرِیح کے پاس واپس آئے۔ 15 پر اِسمٰعیل بِن نتنیاؔہ آٹھ آدمِیوں کے ساتھ یُوحناؔن کے سامنے سے بھاگ نِکلا اور بنی عمُّون کی طرف چلا گیا۔
16 تب یُوحناؔن بِن قرِیح اور وہ فَوجی سردار جو اُس کے ہمراہ تھے سب باقی ماندہ لوگوں کو واپس لائے جِن کو اِسمٰعیل بِن نتنیاؔہ جِدلیاؔہ بِن اخِیقاؔم کو قتل کرنے کے بعد مِصفاؔہ سے لے گیا تھا یعنی جنگی مَردوں اور عَورتوں اور لڑکوں اور خواجہ سراؤں کو جِن کو وہ جِبعُوؔن سے واپس لایا تھا۔ 17 اور وہ روانہ ہُوئے اور سرایِ کِمہاؔم میں جو بَیت لحم کے نزدِیک ہے آ رہے تاکہ مِصرؔ کو جائیں۔ 18 کیونکہ وہ کسدیوں سے ڈرے اِس لِئے کہ اِسمٰعیل بِن نتنیاؔہ نے جِدلیاؔہ بِن اخِیقاؔم کو جِسے شاہِ بابل نے اُس مُلک پر حاکِم مُقرّر کِیا تھا قتل کر ڈالا۔
لوگ یَرمِیاہ سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمارے لِئے دُعا کر
1 تب سب فَوجی سردار اور یُوحناؔن بِن قرِیح اور یزنیاؔہ بِن ہُوسعیاؔہ اور ادنیٰ و اعلیٰ سب لوگ آئے۔ 2 اور یَرمِیاؔہ نبی سے کہا کہ تُو دیکھتا ہے کہ ہم بُہتوں میں سے چند ہی رہ گئے ہیں۔ ہماری درخواست قبُول کر اور اپنے خُداوند خُدا سے ہمارے لِئے ہاں اِس تمام بقِیّہ کے لِئے دُعا کر۔ 3 تاکہ خُداوند تیرا خُدا ہم کو وہ راہ جِس میں ہم چلیں اور وہ کام جو ہم کریں بتلا دے۔
4 تب یَرمِیاؔہ نبی نے اُن سے کہا مَیں نے سُن لِیا۔ دیکھو اب مَیں خُداوند تُمہارے خُدا سے تُمہارے کہنے کے مُطابِق دُعا کرُوں گا اور جو جواب خُداوند تُم کو دے گا مَیں تُم کو سُناؤُں گا۔ مَیں تُم سے کُچھ نہ چِھپاؤُں گا۔
5 اور اُنہوں نے یَرمِیاؔہ سے کہا کہ جو کُچھ خُداوند تیرا خُدا تیری معرفت ہم سے فرمائے اگر ہم اُس پر عمل نہ کریں تو خُداوند ہمارے خِلاف سچّا اور وفادار گواہ ہو۔ 6 خواہ بھلا معلُوم ہو خواہ بُرا ہم خُداوند اپنے خُدا کا حُکم جِس کے حضُور ہم تُجھے بھیجتے ہیں مانیں گے تاکہ جب ہم خُداوند اپنے خُدا کی فرمانبرداری کریں تو ہمارا بھلا ہو۔
خُداوند یرمِیاہ کی دُعا کا جواب دیتا ہے
7 اب دس دِن کے بعد یُوں ہُؤا کہ خُداوند کا کلام یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا۔ 8 اور اُس نے یُوحناؔن بِن قرِیح اور سب فَوجی سرداروں کو جو اُس کے ساتھ تھے اور ادنیٰ و اعلیٰ سب کو بُلایا۔ 9 اور اُن سے کہا کہ خُداوند اِسرائیل کا خُدا جِس کے پاس تُم نے مُجھے بھیجا کہ مَیں اُس کے حضُور تُمہاری درخواست پیش کرُوں یُوں فرماتا ہے۔ 10 اگر تُم اِس مُلک میں ٹھہرے رہو گے تو مَیں تُم کو برباد نہیں بلکہ آباد کرُوں گا اور اُکھاڑُوں گا نہیں بلکہ لگاؤُں گا کیونکہ مَیں اُس بدی سے جو مَیں نے تُم سے کی ہے باز آیا۔ 11 شاہِ بابل سے جِس سے تُم ڈرتے ہو نہ ڈرو۔ خُداوند فرماتا ہے اُس سے نہ ڈرو کیونکہ مَیں تُمہارے ساتھ ہُوں کہ تُم کو بچاؤُں اور اُس کے ہاتھ سے چُھڑاؤُں۔ 12 اور مَیں تُم پر رحم کرُوں گا تاکہ وہ تُم پر رحم کرے اور تُم کو تُمہارے مُلک میں واپس جانے کی اِجازت دے۔
13 لیکن اگر تُم کہو کہ ہم اِس مُلک میں نہ رہیں گے اور خُداوند اپنے خُدا کی بات نہ مانیں گے۔ 14 اور کہو کہ نہیں ہم تو مُلکِ مِصرؔ میں جائیں گے جہاں نہ لڑائی دیکھیں گے نہ تُرہی کی آواز سُنیں گے۔ نہ بُھوک سے روٹی کو ترسیں گے اور ہم تو وہِیں بسیں گے۔ 15 تو اَے یہُوداؔہ کے باقی لوگو خُداوند کا کلام سُنو! ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ اگر تُم واقِعی مِصرؔ میں جا کر بسنے پر آمادہ ہو۔ 16 تو یُوں ہو گا کہ وہ تلوار جِس سے تُم ڈرتے ہو مُلکِ مِصرؔ میں تُم کو جا لے گی اور وہ کال جِس سے تُم ہِراسان ہو مِصرؔ تک تُمہارا پِیچھا کرے گا اور تُم وہِیں مَرو گے۔ 17 بلکہ یُوں ہو گا کہ وہ سب لوگ جو مِصرؔ کا رُخ کرتے ہیں کہ وہاں جا کر رہیں تلوار اور کال اور وبا سے مَریں گے۔ اُن میں سے کوئی باقی نہ رہے گا اور نہ کوئی اُس بلا سے جو مَیں اُن پر نازِل کرُوں گا بچے گا۔
18 کیونکہ ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ جِس طرح میرا قہر و غضب یروشلیِم کے باشِندوں پر نازِل ہُؤا اُسی طرح میرا قہر تُم پر بھی جب تُم مِصرؔ میں داخِل ہو گے نازِل ہو گا اور تُم لَعنت و حَیرت اور طعن و تشنِیع کا باعِث ہو گے اور اِس مُلک کو تُم پِھر نہ دیکھو گے۔
19 اَے یہُوداؔہ کے باقی ماندہ لوگو! خُداوند نے تُمہاری بابت فرمایا ہے کہ مِصرؔ میں نہ جاؤ۔ یقِین جانو کہ مَیں نے آج تُم کو جتا دِیا ہے۔ 20 فی الحقِیقت تُم نے اپنی جانوں کو فریب دِیا ہے کیونکہ تُم نے مُجھ کو خُداوند اپنے خُدا کے حضُور یُوں کہہ کر بھیجا کہ تُو خُداوند ہمارے خُدا سے ہمارے لِئے دُعا کر اور جو کُچھ خُداوند ہمارا خُدا کہے ہم پر ظاہِر کر اور ہم اُس پر عمل کریں گے۔ 21 اور مَیں نے آج تُم پر یہ ظاہِر کر دِیا ہے تَو بھی تُم نے خُداوند اپنے خُدا کی آواز کو یا کِسی بات کو جِس کے لِئے اُس نے مُجھے تُمہارے پاس بھیجا ہے نہیں مانا۔ 22 اب تُم یقِین جانو کہ تُم اُس مُلک میں جہاں جانا اور رہنا چاہتے ہو تلوار اور کال اور وبا سے مَرو گے۔
یرمِیاہ کو مِصرؔ لے جایا گیا
1 اور یُوں ہُؤا کہ جب یَرمِیاؔہ سب لوگوں سے وہ سب باتیں جو خُداوند اُن کے خُدا نے اُس کی معرفت فرمائی تِھیں یعنی یہ سب باتیں کہہ چُکا۔ 2 تو عزریاؔہ بِن ہوسعیاؔہ اور یُوحناؔن بِن قرِیح اور سب مغرُور لوگوں نے یَرمِیاؔہ سے یُوں کہا کہ تُو جُھوٹ بولتا ہے۔ خُداوند ہمارے خُدا نے تُجھے یہ کہنے کو نہیں بھیجا کہ مِصرؔ میں بسنے کو نہ جاؤ۔ 3 بلکہ بارُوؔک بِن نیرِؔیاہ تُجھے اُبھارتا ہے کہ تُو ہمارا مُخالِف ہو تاکہ ہم کسدیوں کے ہاتھ میں گرِفتار ہوں اور وہ ہم کو قتل کریں اور اسِیر کر کے بابل کو لے جائیں۔ 4 پس یُوحناؔن بِن قرِیح اور سب فَوجی سرداروں اور سب لوگوں نے خُداوند کا یہ حُکم کہ وہ یہُوداؔہ کے مُلک میں رہیں نہ مانا۔ 5 پر یُوحناؔن بِن قرِیح اور سب فَوجی سرداروں نے یہُوداؔہ کے سب باقی لوگوں کو جو تمام قَوموں میں سے جہاں جہاں وہ تِتّربِتّر کِئے گئے تھے اور یہُوداؔہ کے مُلک میں بسنے کو واپس آئے تھے ساتھ لِیا۔ 6 یعنی مَردوں اور عَورتوں اور بچّوں اور شاہزادِیوں اور جِس کِسی کو جلَوداروں کے سردار نبُوزراداؔن نے جِدلیاؔہ بِن اخِیقاؔم بِن سافن کے ساتھ چھوڑا تھا اور یَرمِیاؔہ نبی اور بارُوؔک بِن نیرِؔیاہ کو ساتھ لِیا۔ 7 اور وہ مُلکِ مِصرؔ میں آئے کیونکہ اُنہوں نے خُداوند کا حُکم نہ مانا۔ پس وہ تحفخِیس میں پُہنچے۔
8 تب خُداوند کا کلام تحفخِیس میں یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا۔ 9 کہ بڑے پتّھر اپنے ہاتھ میں لے اور اُن کو فرِعونؔ کے محلّ کے مدخل پر جو تحفخِیس میں ہے بنی یہُوداؔہ کی آنکھوں کے سامنے چُونے سے فرش میں لگا۔ 10 اور اُن سے کہہ کہ ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دیکھو مَیں اپنے خِدمت گُذار شاہِ بابل نبُوکدؔرضر کو بُلاؤُں گا اور اِن پتّھروں پر جِن کو مَیں نے لگایا ہے اُس کا تخت رکُھّوں گا اور وہ اِن پر اپنا قالِین بِچھائے گا۔ 11 اور وہ آ کر مُلکِ مِصرؔ کو شِکست دے گا اور جو مَوت کے لِئے ہیں مَوت کے اور جو اَسِیری کے لِئے ہیں اَسِیری کے اور جو تلوار کے لِئے ہیں تلوار کے حوالہ کرے گا۔ 12 اور مَیں مِصرؔ کے بُت خانوں میں آگ بھڑکاؤُں گا اور وہ اُن کو جلائے گا اور اسِیر کر کے لے جائے گا اور جَیسے چَرواہا اپنا کپڑا لِپیٹتا ہے وَیسے ہی وہ زمِینِ مِصرؔ کو لِپیٹے گا اور وہاں سے سلامت چلا جائے گا۔ 13 اور وہ بَیت شمس کے سُتُونوں کو جو مُلکِ مِصرؔ میں ہیں توڑے گا اور مِصریوں کے بُت خانوں کو آگ سے جلا دے گا۔
خُداوند کا پَیغام مِصرؔ میں اِسرائیلیوں کے نام
1 وہ کلام جو اُن سب یہُودِیوں کی بابت جو مُلکِ مِصرؔ میں مِجداؔل کے عِلاقہ اور تحفخِیس اور نُوف اور فترُوؔس میں بستے تھے یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا۔ 2 کہ ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ تُم نے وہ تمام مُصِیبت جو مَیں یروشلیِم پر اور یہُوداؔہ کے سب شہروں پر لایا ہُوں دیکھی اور دیکھو اب وہ وِیران اور غَیر آباد ہیں۔ 3 اُس شرارت کے سبب سے جو اُنہوں نے مُجھے غضب ناک کرنے کوکی کیونکہ وہ غَیر معبُودوں کے آگے بخُور جلانے کو گئے اور اُن کی عِبادت کی جِن کو نہ وہ جانتے تھے نہ تُم نہ تُمہارے باپ دادا۔ 4 اور مَیں نے اپنے تمام خِدمت گُذار نبِیوں کو تُمہارے پاس بھیجا۔ اُن کو بر وقت یُوں کہہ کر بھیجا کہ تُم یہ نفرتی کام جِس سے مَیں نفرت رکھتا ہُوں نہ کرو۔ 5 پر اُنہوں نے نہ سُنا نہ کان لگایا کہ اپنی بُرائی سے باز آئیں اور غَیر معبُودوں کے آگے بخُور نہ جلائیں۔ 6 اِس لِئے میرا قہر و غضب نازِل ہُؤا اور یہُوداؔہ کے شہروں اور یروشلیِم کے بازاروں پر بھڑکا اور وہ خراب اور وِیران ہُوئے جَیسے اب ہیں۔
7 اور اب خُداوند ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ تُم کیوں اپنی جانوں سے اَیسی بڑی بدی کرتے ہو کہ یہُوداؔہ میں سے مَرد و زن اور طِفل و شِیرخوار کاٹ ڈالے جائیں اور تُمہارا کوئی باقی نہ رہے۔ 8 کہ تُم مُلکِ مِصرؔ میں جہاں تُم بسنے کو گئے ہو اپنے اَعمال سے اور غَیر معبُودوں کے آگے بخُور جلا کر مُجھ کو غضب ناک کرتے ہو کہ نیست کِئے جاؤ اور رُویِ زمِین کی سب قَوموں کے درمِیان لَعنت و ملامت کا باعِث بنو؟ 9 کیا تُم اپنے باپ دادا کی شرارت اور یہُوداؔہ کے بادشاہوں اور اُن کی بِیویوں کی اور خُود اپنی اور اپنی بِیویوں کی شرارت جو تُم نے یہُوداؔہ کے مُلک میں اور یروشلیِم کے بازاروں میں کی بُھول گئے ہو؟ 10 وہ آج کے دِن تک نہ فروتن ہُوئے نہ ڈرے اور میری شرِیعت و آئِین پر جِن کو مَیں نے تُمہارے اور تُمہارے باپ دادا کے سامنے رکھّا نہ چلے۔
11 اِس لِئے ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دیکھو مَیں تُمہارے خِلاف زِیان کاری پر آمادہ ہُوں گا تاکہ تمام یہُوداؔہ کو نیست کرُوں۔ 12 اور مَیں یہُوداؔہ کے باقی لوگوں کو جِنہوں نے مُلکِ مِصرؔ کا رُخ کِیا ہے کہ وہاں جا کر بسیں پکڑُوں گا اور وہ مُلکِ مِصرؔ ہی میں نابُود ہوں گے۔ وہ تلوار اور کال سے ہلاک ہوں گے۔ اُن کے ادنیٰ و اعلیٰ نابُود ہوں گے وہ تلوار اور کال سے فنا ہو جائیں گے اور لَعنت و حَیرت اور طعن و تشنِیع کا باعِث ہوں گے۔ 13 اور مَیں اُن کو جو مُلکِ مِصرؔ میں بسنے کو جاتے ہیں اُسی طرح سزا دُوں گا جِس طرح مَیں نے یروشلیِم کو تلوار اور کال اور وبا سے سزا دی ہے۔ 14 پس یہُوداؔہ کے باقی لوگوں میں سے جو مُلکِ مِصرؔ میں بسنے کو جاتے ہیں نہ کوئی بچے گا نہ باقی رہے گا کہ وہ یہُوداؔہ کی سرزمِین میں واپس آئیں جِس میں آ کر بسنے کے وہ مُشتاق ہیں کیونکہ بھاگ کر بچ نِکلنے والوں کے سِوا کوئی واپس نہ آئے گا۔
15 تب سب مَردوں نے جو جانتے تھے کہ اُن کی بِیوِیوں نے غَیر معبُودوں کے لِئے بخُور جلایا ہے اور سب عَورتوں نے جو پاس کھڑی تِھیں ایک بڑی جماعت یعنی سب لوگوں نے جو مُلکِ مِصرؔ میں فتروؔس میں جا بسے تھے یَرمِیاؔہ کو یُوں جواب دِیا۔ 16 کہ یہ بات جو تُو نے خُداوند کا نام لے کر ہم سے کہی ہم کبھی نہ مانیں گے۔ 17 بلکہ ہم تو اُسی بات پر عمل کریں گے جو ہم خُود کہتے ہیں کہ ہم آسمان کی ملِکہ کے لِئے بخُور جلائیں گے اور تپاون تپائیں گے جِس طرح ہم اور ہمارے باپ دادا ہمارے بادشاہ اور ہمارے سردار یہُوداؔہ کے شہروں اور یروشلیِم کے بازاروں میں کِیا کرتے تھے کیونکہ اُس وقت ہم خُوب کھاتے پِیتے اور خُوش حال اور مُصِیبتوں سے محفُوظ تھے۔ 18 پر جب سے ہم نے آسمان کی ملِکہ کے لِئے بخُور جلانا اور تپاون تپانا چھوڑ دِیا تب سے ہم ہر چِیز کے مُحتاج ہیں اور تلوار اور کال سے فنا ہو رہے ہیں۔
19 اور جب ہم آسمان کی ملِکہ کے لِئے بخُور جلاتی اور تپاون تپاتی تِھیں تو کیا ہم نے اپنے شَوہروں کے بغَیر اُس کی عِبادت کے لِئے کُلچے پکائے اور تپاون تپائے تھے؟
20 تب یَرمِیاؔہ نے اُن سب مَردوں اور عَورتوں یعنی اُن سب لوگوں سے جِنہوں نے اُسے جواب دِیا تھا کہا۔ 21 کیا وہ بخُور جو تُم نے اور تُمہارے باپ دادا اور تُمہارے بادشاہوں اور اُمرا نے رعِیّت کے ساتھ یہُوداؔہ کے شہروں اور یروشلیِم کے بازاروں میں جلایا خُداوند کو یاد نہیں؟ کیا وہ اُس کے خیال میں نہیں آیا؟ 22 پس تُمہارے بد اَعمال اور نفرتی کاموں کے سبب سے خُداوند برداشت نہ کر سکا۔ اِس لِئے تُمہارا مُلک وِیران ہُؤا اور حَیرت و لَعنت کا باعِث بنا جِس میں کوئی بسنے والا نہ رہا جَیسا کہ آج کے دِن ہے۔ 23 چُونکہ تُم نے بخُور جلایا اور خُداوند کے گُنہگار ٹھہرے اور اُس کی آواز کے شِنوا نہ ہُوئے اور نہ اُس کی شرِیعت نہ اُس کے آئِین نہ اُس کی شہادتوں پر چلے اِس لِئے یہ مُصِیبت جَیسی کہ اب ہے تُم پر آ پڑی۔
24 اور یَرمِیاؔہ نے سب لوگوں اور سب عَورتوں سے یُوں کہا کہ اَے تمام بنی یہُوداؔہ جو مُلکِ مِصرؔ میں ہو! خُداوند کا کلام سُنو۔ 25 ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ تُم نے اور تُمہاری بِیوِیوں نے اپنی زُبان سے کہا کہ آسمان کی ملِکہ کے لِئے بخُور جلانے اور تپاون تپانے کی جو نذریں ہم نے مانی ہیں ضرُور ادا کریں گے اور تُم نے اپنے ہاتھوں سے اَیسا ہی کِیا۔ پس اب تُم اپنی نذروں کو قائِم رکھّو اور ادا کرو۔ 26 اِس لِئے اَے تمام بنی یہُوداؔہ جو مُلکِ مِصرؔ میں بستے ہو! خُداوند کا کلام سُنو۔ دیکھو خُداوند فرماتا ہے مَیں نے اپنے بزُرگ نام کی قَسم کھائی ہے کہ اب میرا نام یہُوداؔہ کے لوگوں میں تمام مُلکِ مِصرؔ میں کِسی کے مُنہ سے نہ نِکلے گا کہ وہ کہے زِندہ خُداوند خُدا کی قَسم۔ 27 دیکھو مَیں نیکی کے لِئے نہیں بلکہ بدی کے لِئے اُن پر نِگران ہُوں گا اور یہُوداؔہ کے سب لوگ جو مُلکِ مِصرؔ میں ہیں تلوار اور کال سے ہلاک ہوں گے یہاں تک کہ بالکُل نیست ہو جائیں گے۔ 28 اور وہ جو تلوار سے بچ کر مُلکِ مِصرؔ سے یہُوداؔہ کے مُلک میں واپس آئیں گے تھوڑے سے ہوں گے اور یہُوداؔہ کے تمام باقی لوگ جو مُلکِ مِصرؔ میں بسنے کو گئے جانیں گے کہ کِس کی بات قائِم رہی۔ میری یا اُن کی۔ 29 اور تُمہارے لِئے یہ نِشان ہے خُداوند فرماتا ہے کہ مَیں اِسی جگہ تُم کو سزا دُوں گا تاکہ تُم جانو کہ تُمہارے خِلاف میری باتیں مُصِیبت کی بابت یقِیناً قائِم رہیں گی۔ 30 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھو مَیں شاہِ مِصرؔ فرِعونؔ حُفرؔع کو اُس کے مُخالِفوں اور جانی دُشمنوں کے حوالہ کر دُوں گا جِس طرح مَیں نے شاہِ یہُوداؔہ صِدقیاہ کو شاہِ بابل نبُوکدؔرضر کے حوالہ کر دِیا جو اُس کا مُخالِف اور جانی دُشمن تھا۔
بارُوک کے ساتھ خُداوند کا وَعدہ
1 شاہِ یہُوداؔہ یہُویقِیم بِن یُوسیاؔہ کے چَوتھے برس میں جب بارُوؔک بِن نیرِؔیاہ یَرمِیاؔہ کی زُبانی کلام کو کِتاب میں لِکھ رہا تھا تو یَرمِیاؔہ نے اُس سے کہا۔ 2 اَے بارُوؔک خُداوند اِسرائیل کا خُدا تیری بابت یُوں فرماتا ہے۔ 3 کہ تُو نے کہا مُجھ پر افسوس کہ خُداوند نے میرے دُکھ درد پر غم بھی بڑھا دِیا! مَیں کراہتے کراہتے تھک گیا اور مُجھے آرام نہ مِلا۔
4 تُو اُس سے یُوں کہنا کہ خُداوند فرماتا ہے دیکھ اِس تمام مُلک میں جو کُچھ مَیں نے بنایا گِرا دُوں گا اور جو کُچھ مَیں نے لگایا اُکھاڑ پھینکُوں گا۔ 5 اور کیا تُو اپنے لِئے امُورِ عظِیم کی تلاش میں ہے؟ اُن کی تلاش چھوڑ دے کیونکہ خُداوند فرماتا ہے دیکھ مَیں تمام بشر پر بَلا نازِل کرُوں گا لیکن جہاں کہِیں تُو جائے تیری جان تیرے لِئے غنِیمت ٹھہراؤُں گا۔
کرکمِیس کے مقام پر مِصرؔ کی شکست
1 خُداوند کا کلام جو یَرمِیاؔہ نبی پر اقوام کی بابت نازِل ہُؤا۔ 2 مِصرؔ کی بابت:۔ شاہِ مِصرؔ فرِعونؔ نِکوؔہ کی فَوج کی بابت جو دریایِ فُراؔت کے کنارے پر کرکمِیس میں تھی جِس کو شاہِ بابل نبُوکدؔرضر نے شاہِ یہُوداؔہ یہُویقِیم بِن یوسیاؔہ کے چَوتھے برس میں شِکست دی۔
3 سِپر اور ڈھال کو تیّار کرو
اور لڑائی پر چلے آؤ۔
4 گھوڑوں پر ساز لگاؤ۔
اَے سوارو! تُم سوار ہو اور خَود پہن کر نِکلو۔
نیزوں کو صَیقل کرو۔
بکتر پہنو۔
5 مَیں اُن کو گھبرائے ہُوئے کیوں دیکھتا ہُوں؟
وہ پلٹ گئے۔ اُن کے بہادُروں نے شِکست
کھائی۔
وہ بھاگ نِکلے اور پِیچھے پِھر کر نہیں دیکھتے
کیونکہ چاروں طرف خَوف ہے خُداوند فرماتا ہے۔
6 نہ سبُکپا بھاگنے پائے گا
نہ بہادُر بچ نِکلے گا۔
شِمال میں دریایِ فُراؔت کے کنارے اُنہوں نے
ٹھوکر کھائی اور گِر پڑے۔
7 یہ کَون ہے جو دریایِ نِیل کی مانِند بڑھا چلا آتا ہے۔
جِس کا پانی سَیلاب کی مانِند مَوجزن ہے؟
8 مِصرؔ نِیل کی طرح اُٹھتا ہے اور اُس کا پانی سَیلاب
کی مانِند مَوجزن ہے
اور وہ کہتا ہے کہ مَیں چڑُھوں گا اور زمِین کو چِھپا
لُوں گا۔
مَیں شہروں کو اور اُن کے باشِندوں کو نیست کر
دُوں گا۔
9 گھوڑے برانگیختہ ہوں۔ رتھ ہوا ہو جائیں
اور کُوؔش و فُوؔط کے بہادُر جو سِپر بردار ہیں
اور لُودی جو کمان کشی اور تِیر اندازی میں ماہِر
ہیں نِکلیں۔
10 کیونکہ یہ خُداوند ربُّ الافواج کا دِن
یعنی اِنتقام کا روز ہے
تاکہ وہ اپنے دُشمنوں سے اِنتقام لے۔
پس تلوار کھا جائے گی اور سیر ہو گی
اور اُن کے خُون سے مست ہو گی
کیونکہ خُداوند ربُّ الافواج کے لِئے شِمالی
سرزمِین میں
دریایِ فُراؔت کے کنارے ایک ذبِیحہ ہے۔
11 اَے کُنواری دُخترِ مِصرؔ! جِلعاد کو چڑھ جا اور
بلسان لے۔
تُو بے فائِدہ طرح طرح کی دوائیں اِستعمال
کرتی ہے۔
تُو شِفا نہ پائے گی۔
12 قَوموں نے تیری رُسوائی کا حال سُنا
اور زمِین تیرے نالہ سے معمُور ہو گئی
کیونکہ بہادُر ایک دُوسرے سے ٹکرا کر باہم
گِر گئے۔
نبُوکدؔرضر (نبُوکدنضر) کی آمد
13 وہ کلام جو خُداوند نے یَرمِیاؔہ نبی کو شاہِ بابل نبُوکدؔرضر کے آنے اور مُلکِ مِصرؔ کو شِکست دینے کے بارے میں فرمایا۔
14 مِصرؔ میں آشکارا کرو۔
مِجداؔل میں اِشتہار دو ہاں نُوف اور تحفخِیس میں
مُنادی کرو۔
کہو کہ اپنے آپ کو تیّار کر
کیونکہ تلوار تیری چاروں طرف کھائے جاتی ہے۔
15 تیرے بہادُر کیوں بھاگ گئے؟
وہ کھڑے نہ رہ سکے کیونکہ خُداوند نے اُن کو
گِرا دِیا۔
16 اُس نے بُہتوں کو گُمراہ کِیا۔ ہاں وہ ایک دُوسرے
پر گِر پڑے
اور اُنہوں نے کہا
اُٹھو ہم مُہلک تلوار کے ظُلم سے
اپنے لوگوں میں اور اپنے وطن کو پِھر جائیں۔
17 وہ وہاں چِلاّئے کہ شاہِ مِصرؔ فِرعَوؔن برباد ہُؤا۔
اُس نے مُقرّرہ وقت کو گُذر جانے دِیا۔
18 وہ بادشاہ جِس کا نام ربُّ الافواج ہے یُوں فرماتا
ہے کہ
مُجھے اپنی حیات کی قَسم جَیسا تبُور پہاڑوں میں
اور جَیسا کرمِل سمُندر کے کنارے ہے
وَیسا ہی وہ آئے گا۔
19 اَے بیٹی جو مِصرؔ میں رہتی ہے! اَسِیری میں جانے
کا سامان کر
کیونکہ نُوف وِیران اور بھسم ہو گا۔
اُس میں کوئی بسنے والا نہ رہے گا۔
20 مِصرؔ نِہایت خُوب صُورت بچِھیا ہے لیکن شِمال
سے تباہی آتی ہے بلکہ آ پُہنچی۔
21 اُس کے مزدُور سِپاہی بھی اُس کے درمِیان موٹے
بچھڑوں کی مانِند ہیں
پر وہ بھی رُوگردان ہُوئے۔ وہ اِکٹّھے بھاگے۔
وہ کھڑے نہ رہ سکے
کیونکہ اُن کی ہلاکت کا دِن اُن پر آ گیا۔ اُن کی
سزا کا وقت آ پُہنچا۔
22 وہ سانپ کی مانِند چلچلائے گی
کیونکہ وہ فَوج لے کر چڑھائی کریں گے
اور کُلہاڑے لے کر لکڑہاروں کی مانِند اُس پر
چڑھ آئیں گے۔
23 وہ اُس کا جنگل کاٹ ڈالیں گے۔ اگرچہ وہ اَیسا
گھنا ہے
کہ کوئی اُس میں سے گُذر نہیں سکتا
خُداوند فرماتا ہے کیونکہ وہ ٹِڈّیوں سے زِیادہ
بلکہ بے شُمار ہیں۔
24 دُخترِ مِصرؔ رُسوا ہو گی۔
وہ شِمالی لوگوں کے حوالہ کی جائے گی۔
25 ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا فرماتا ہے دیکھ مَیں آمُونِ نُو کو اور فرِعونؔ اور مِصرؔ اور اُس کے معبُودوں اور اُس کے بادشاہوں کو یعنی فرِعونؔ اور اُن کو جو اُس پر بھروسا رکھتے ہیں سزا دُوں گا۔ 26 اور مَیں اُن کو اُن کے جانی دُشمنوں اور شاہِ بابل نبُوکدؔرضر اور اُس کے مُلازِموں کے حوالہ کر دُوں گا لیکن اِس کے بعد وہ پِھر اَیسی آباد ہو گی جَیسی اگلے دِنوں میں تھی خُداوند فرماتا ہے۔
خُداوند اپنے لوگوں کو بچائے گا
27 لیکن اَے میرے خادِم یعقُوبؔ ہِراسان نہ ہو اور
اَے اِسرائیل گھبرا نہ جا
کیونکہ دیکھ مَیں تُجھے دُور سے
اور تیری اَولاد کو اُن کی اَسِیری کی زمِین سے
رہائی دُوں گا
اور یعقُوبؔ واپس آئے گا اور آرام و راحت
سے رہے گا
اور کوئی اُسے نہ ڈرائے گا۔
28 اَے میرے خادِم یعقُوبؔ ہِراسان نہ ہو خُداوند
فرماتا ہے کیونکہ مَیں تیرے ساتھ ہُوں۔
اگرچہ مَیں اُن سب قَوموں کو جِن میں مَیں نے
تُجھے ہانک دِیا نیست و نابُود کرُوں
تَو بھی مَیں تُجھے نیست و نابُود نہ کرُوں گا
بلکہ مُناسِب تنبِیہہ کرُوں گا اور ہرگِز بے سزا نہ
چھوڑُوں گا۔
فِلسِتیوں کے بارے میں خُداوند کا پَیغام
1 خُداوند کا کلام جو یَرمِیاؔہ نبی پر فلِستِیوں کی بابت نازِل ہُؤا اِس سے پیشتر کہ فرِعونؔ نے غزّہ کو فتح کِیا۔:۔ 2 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ
دیکھ شِمال سے پانی چڑھیں گے
اور سَیلاب کی طرح ہوں گے
اور مُلک پر اور سب پر جو اُس میں ہے
شہر پر اور اُس کے باشِندوں پر بہہ نِکلیں گے۔
اُس وقت لوگ چِلاّئیں گے
اور مُلک کے سب باشِندے نالہ کریں گے۔
3 اُس کے طاقتور گھوڑوں کے سُموں کی ٹاپ کی
آواز سے
اُس کے رتھوں کے ریلے اور اُس کے پہِیّوں کی
گڑگڑاہٹ سے
باپ کمزوری کے باعِث اپنے بچّوں کی طرف
لَوٹ کر نہ دیکھیں گے۔
4 یہ اُس دِن کے سبب سے ہو گا جو آتا ہے کہ سب
فلِستِیوں کو غارت کرے
اور صُور اور صَیدا سے ہر مددگار کو جو باقی رہ گیا ہے
نیست کرے
کیونکہ خُداوند فلِستِیوں کو
یعنی کَفتور کے جزِیرہ کے باقی لوگوں کو غارت
کرے گا۔
5 غزّہ پر چندلاپن آیا ہے۔
اسقلوؔن اپنی وادی کے بقِیّہ سمیت نیست
کِیا گیا۔
تُو کب تک اپنے آپ کو کاٹتا جائے گا؟
6 اَے خُداوند کی تلوار تُو کب تک نہ ٹھہرے گی؟
تُو چل اپنے غِلاف میں آرام لے اور ساکِن ہو۔
7 وہ کَیسے ٹھہر سکتی ہے
جب کہ خُداوند نے اسقلوؔن
اور سمُندر کے ساحِل کے خِلاف اُسے حُکم دِیا ہے؟
اُس نے اُسے وہاں مُقرّر کِیا ہے۔
موآب کی بربادی
1 موآؔب کی بابت:۔ ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ
نبُو پر افسوس! کہ وہ وِیران ہو گیا۔
قریتائم رُسوا ہُؤا اور لے لِیا گیا مِسجاؔب خجِل اور
پست ہو گیا۔
2 اب موآؔب کی تعرِیف نہ ہو گی۔
حسبُوؔن میں اُنہوں نے یہ کہہ کر اُس کے خِلاف
منصُوبے باندھے ہیں
کہ آؤ ہم اُسے نیست کریں کہ وہ قَوم نہ کہلائے۔
اَے مَدمین تُو بھی کاٹ ڈالا جائے گا۔ تلوار تیرا
پِیچھا کرے گی۔
3 حورو نایم میں چِیخ پُکار۔
وِیرانی اور بڑی تباہی ہو گی۔
4 موآؔب برباد ہُؤا۔ اُس کے بچّوں کے نَوحہ کی آواز
سُنائی دیتی ہے۔
5 کیونکہ لُوحِیت کی چڑھائی پر آہ و نالہ کرتے ہُوئے
چڑھیں گے۔
یقِیناً حورو نایم کی اُترائی پر
مُخالِف ہلاکت کی سی آواز سُنتے ہیں۔
6 بھاگو اپنی جان بچاؤ
اور بیابان میں رتمہ کے درخت کی مانِند ہو جاؤ۔
7 اور چُونکہ تُو نے اپنے کاموں اور خزانوں پر تکیہ کِیا
اِس لِئے تُو بھی گرِفتار ہو گا
اور کمُوؔس اپنے کاہِنوں اور اُمرا سمیت اسِیر ہو
کر جائے گا۔
8 اور غارت گر ہر ایک شہر پر آئے گا اور کوئی شہر نہ
بچے گا۔
وادی بھی وِیران ہو گی اور مَیدان اُجاڑ ہو جائے گا
جَیسا خُداوند نے فرمایا ہے۔
9 موآؔب کو پر لگا دو تاکہ اُڑ جائے
کیونکہ اُس کے شہر اُجاڑ ہوں گے
اور اُن میں کوئی بسنے والا نہ ہو گا۔
10 جو خُداوند کا کام بے پروائی سے کرتا ہے اور جو اپنی تلوار کو خُون ریزی سے باز رکھتا ہے ملعُون ہو۔
موآب کے شہروں کی تباہی و بربادی
11 موآؔب بچپن ہی سے آرام سے رہا ہے اور اُس کی تلچھٹ تہ نشِین رہی۔ نہ وہ ایک برتن سے دُوسرے میں اُنڈیلا گیا اور نہ اَسِیری میں گیا اِس لِئے اُس کا مزہ اُس میں قائِم ہے اور اُس کی بُو نہیں بدلی۔
12 سو دیکھ وہ دِن آتے ہیں خُداوند فرماتا ہے کہ مَیں اُنڈیلنے والوں کو اُس کے پاس بھیجُوں گا کہ وہ اُسے اُلٹائیں اور اُس کے برتنوں کو خالی اور مٹکوں کو چکنا چُور کریں۔ 13 تب موآؔب کمُوؔس سے شرمِندہ ہو گا جِس طرح اِسرائیل کا گھرانا بَیت ایل سے جو اُس کا بھروسا تھا خجِل ہُؤا۔
14 تُم کیونکر کہتے ہو کہ ہم پہلوان ہیں
اور جنگ کے لِئے زبردست سُورما ہیں؟
15 موآؔب غارت ہُؤا۔ اُس کے شہروں کا دُھواں
اُٹھ رہا ہے
اور اُس کے چِیدہ جوان قتل ہونے کو اُتر گئے۔
وہ بادشاہ فرماتا ہے
جِس کا نام ربُّ الافواج ہے۔
16 نزدِیک ہے کہ موآؔب پر آفت آئے اور اُن کا
وبال دَوڑا آتا ہے۔
17 اَے اُس کے اِردگِرد والو سب اُس پر افسوس کرو
اور تُم سب جو اُس کے نام سے واقِف ہو
کہو کہ یہ موٹا عصا اور خُوب صُورت ڈنڈا کیونکر
ٹُوٹ گیا۔
18 اَے بیٹی جو دِیبوؔن میں بستی ہے اپنی شَوکت سے
نِیچے اُتر
اور پِیاسی بَیٹھ
کیونکہ موآؔب کا غارت گر تُجھ پر چڑھ آیا ہے
اور اُس نے تیرے قلعوں کو توڑ ڈالا۔
19 اَے عروعیر کی رہنے والی
تُو راہ پر کھڑی ہو اور نِگاہ کر۔
بھاگنے والے سے اور اُس سے جو بچ نِکلی
ہو پُوچھ
کہ کیا ماجرہ ہے؟
20 موآؔب رُسوا ہُؤا کیونکہ وہ پست کر دِیا گیا۔
تُم واوَیلا مچاؤ اور چِلاّؤ۔
ارنُوؔن میں اِشتِہار دو کہ
موآؔب غارت ہو گیا۔
21 اور کہ صحرا کی اَطراف پر حولُوؔن پر اور یہصاؔہ پر اور مفِعت پر۔ 22 اور دِیبوؔن پر اور نبُو پر اور بَیت دِبلتاؔیم پر۔ 23 اور قریتایم پر اور بَیت جمُوؔل پر اور بَیت معُوؔن پر۔ 24 اور قریوت پر اور بُصراؔہ اور مُلکِ موآؔب کے دُور و نزدِیک کے سب شہروں پر عَذاب نازِل ہُؤا ہے۔ 25 موآؔب کا سِینگ کاٹا گیا اور اُس کا بازُو توڑا گیا خُداوند فرماتا ہے۔
موآب پست ہو گا
26 تُم اُس کو مدہوش کرو کیونکہ اُس نے اپنے آپ کو خُداوند کے مُقابِل بُلند کِیا۔ موآؔب اپنی قَے میں لوٹے گا اور مسخرہ بنے گا۔ 27 کیا اِسرائیل تیرے آگے مسخرہ نہ تھا؟ کیا وہ چوروں کے درمِیان پایا گیا کہ جب کبھی تُو اُس کا نام لیتا تھا تو سر ہِلاتا تھا؟
28 اَے موآؔب کے باشِندو شہروں کو چھوڑ دو اور چٹان پر جا بسو اور کبُوتر کی مانِند بنو جو گہرے غار کے مُنہ کے کِنارے پر آشیانہ بناتا ہے۔ 29 ہم نے موآؔب کا تکبُّر سُنا ہے۔ وہ نِہایت مغرُور ہے۔ اُس کی گُستاخی بھی اور اُس کی شَیخی اور اُس کا گھمنڈ اور اُس کے دِل کا تکبُّر۔ 30 مَیں اُس کا قہر جانتا ہُوں خُداوند فرماتا ہے۔ وہ کُچھ نہیں اور اُس کی شیخی سے کُچھ بن نہ پڑا۔ 31 اِس لِئے مَیں موآؔب کے لِئے واوَیلا کرُوں گا۔ ہاں سارے موآؔب کے لِئے مَیں زار زار روؤُں گا۔ قِیرحرس کے لوگوں کے لِئے ماتم کِیا جائے گا۔ 32 اَے سِبماؔہ کی تاک مَیں یعزؔیر کے رونے سے زِیادہ تیرے لِئے روؤُں گا۔ تیری شاخیں سمُندر تک پَھیل گئِیں۔ وہ یعزؔیر کے سمُندر تک پُہنچ گئِیں۔ غارت گر تیرے تابِستانی میوئوں پر اور تیرے انگُوروں پر آ پڑا ہے۔ 33 خُوشی اور شادمانی ہرے بھرے کھیتوں سے اور موآؔب کے مُلک سے اُٹھا لی گئی اور مَیں نے انگُور کے حَوض میں مَے باقی نہیں چھوڑی۔ اب کوئی للکار کر نہ لتاڑے گا۔ اُن کا للکارنا للکارنا نہ ہو گا۔
34 حسبوؔن کے رونے سے وہ اپنی آواز کو الِیعاؔلہ اور یہض تک اور ضُغر سے حوروناؔیم تک۔ عجلت شلیشیاؔہ تک بُلند کرتے ہیں کیونکہ نمرِیم کے چشمے بھی خراب ہو گئے ہیں۔ 35 اور خُداوند فرماتا ہے کہ جو کوئی اُونچے مقام پر قُربانی چڑھاتا ہے اور جو کوئی اپنے معبُودوں کے آگے بخُور جلاتا ہے موآؔب میں سے نیست کر دُوں گا۔
36 پس میرا دِل موآؔب کے لِئے بانسری کی مانِند آہیں بھرتا اور قِیرحرؔس کے لوگوں کے لِئے شہناؤں کی طرح فغان کرتا ہے کیونکہ اُس کا فراوان ذخِیرہ تلف ہو گیا۔ 37 فی الحقِیقت ہر ایک سر مُنڈا ہے اور ہر ایک داڑھی کتری گئی ہے۔ ہر ایک کے ہاتھ پر زخم ہے اور ہر ایک کی کمر پر ٹاٹ۔ 38 موآؔب کے سب گھروں کی چھتّوں پر اور اُس کے سب بازاروں میں بڑا ماتم ہو گا کیونکہ مَیں نے موآؔب کو اُس برتن کی مانِند جو پسند نہ آئے توڑا ہے خُداوند فرماتا ہے۔ 39 وہ واوَیلا کریں گے اور کہیں گے کہ اُس نے کَیسی شِکست کھائی! موآؔب نے شرم کے مارے کیونکر اپنی پِیٹھ پھیری! پس موآؔب سب اِردگِرد والوں کے لِئے ہنسی اور خَوف کا باعِث ہو گا۔
موآب ہرگِز نہ بچے گا
40 کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ وہ عُقاب کی مانِند اُڑے گا اور موآؔب کے خِلاف بازُو پَھیلائے گا۔ 41 وہاں کے شہر اور قلعے لے لِئے جائیں گے اور اُس دِن موآؔب کے بہادُروں کے دِل زچّہ کے دِل کی طرح ہوں گے۔ 42 اور موآؔب ہلاک کِیا جائے گا اور قَوم نہ کہلائے گا۔ اِس لِئے کہ اُس نے خُداوند کے مُقابِل اپنے آپ کو بُلند کِیا۔ 43 خَوف اور گڑھا اور دام تُجھ پر مسلِّط ہوں گے اَے ساکِنِ موآؔب خُداوند فرماتا ہے۔ 44 جو کوئی دہشت سے بھاگے گڑھے میں گِرے گا اور جو گڑھے سے نِکلے دام میں پھنسے گا کیونکہ مَیں اُن پر ہاں موآؔب پر اُن کی سیاست کا برس لاؤُں گا خُداوند فرماتا ہے۔ 45 جو بھاگے سو حسبُوؔن کے سایہ تلے بیتاب کھڑے ہیں پر حسبُوؔن سے آگ اور سیحُوؔن کے وسط سے ایک شُعلہ نِکلے گا اور موآؔب کی داڑھی کے کونے کو اور ہر ایک فسادی کی چاند کو کھا جائے گا۔ 46 ہائے تُجھ پر اَے موآؔب! کمُوؔس کے لوگ ہلاک ہُوئے کیونکہ تیرے بیٹوں کو اسِیر کر کے لے گئے اور تیری بیٹِیاں بھی اسِیر ہُوئِیں۔
47 باوُجُود اِس کے مَیں آخِری دِنوں میں موآؔب کے اسِیروں کو واپس لاؤُں گا خُداوند فرماتا ہے۔ موآؔب کی عدالت یہاں تک ہُوئی۔
عمُّون پر خُداوند کا غضب
1 بنی عمُّون کی بابت:۔ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ کیا اِسرائیل کے بیٹے نہیں ہیں؟ کیا اُس کا کوئی وارِث نہیں؟ پِھر مِلکوؔم نے کیوں جد پر قبضہ کر لِیا اور اُس کے لوگ اُس کے شہروں میں کیوں بستے ہیں؟ 2 اِس لِئے دیکھ وہ دِن آتے ہیں خُداوند فرماتا ہے کہ مَیں بنی عمُّون کے ربّہ میں لڑائی کا ہُلڑ برپا کرُوں گا اور وہ کھنڈر ہو جائے گا اور اُس کی بیٹِیاں آگ سے جلائی جائیں گی۔ تب اِسرائیل اُن کا جو اُس کے وارِث بن بَیٹھے تھے وارِث ہو گا خُداوند فرماتا ہے۔ 3 اَے حسبُوؔن واوَیلا کر کہ عَی برباد کی گئی۔ اَے ربّہ کی بیٹِیو چِلاّؤ اور ٹاٹ اوڑھ کر ماتم کرو اور اِحاطوں میں اِدھر اُدھر دَوڑو کیونکہ مِلکوؔم اَسِیری میں جائے گا اور اُس کے کاہِن اور اُمرا بھی ساتھ جائیں گے۔ 4 تُو کیوں وادِیوں پر فخر کرتی ہے؟ تیری وادی سیراب ہے۔ اَے برگشتہ بیٹی تُو اپنے خزانوں پر تکیہ کرتی ہے کہ کَون مُجھ تک آ سکتا ہے؟ 5 دیکھ خُداوند ربُّ الافواج فرماتا ہے مَیں تیرے سب اِردگِرد والوں کا خَوف تُجھ پر غالِب کرُوں گا اور تُم میں سے ہر ایک آگے ہانکا جائے گا اور کوئی نہ ہو گا جو آوارہ پِھرنے والوں کو جمع کرے۔
6 مگر اُس کے بعد مَیں بنی عمُّون کو اَسِیری سے واپس لاؤُں گا خُداوند فرماتا ہے۔
ادُوم پر خُداوند کا غضب
7 ادُوؔم کی بابت:۔ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ کیا تِیمان میں خِرد مُطلق نہ رہی؟ کیا عاقِلوں کی مصلحت جاتی رہی؟ کیا اُن کی عقل اُڑ گئی؟ 8 اَے ددان کے باشِندو بھاگو۔ لَوٹو اور نشیبوں میں جا بسو کیونکہ مَیں اِنتقام کے وقت اُس پر عیسَو کی سی مُصِیبت لاؤُں گا۔ 9 اگر انگُور توڑنے والے تیرے پاس آئیں تو کیا کُچھ دانے باقی نہ چھوڑیں گے؟ یا اگر رات کو چور آئیں تو کیا وہ حسبِ خواہِش ہی نہ توڑیں گے؟ 10 پر مَیں عیسَو کو بِالکُل ننگا کرُوں گا۔ اُس کے پوشِیدہ مکانوں کو بے پردہ کر دُوں گا کہ وہ چِھپ نہ سکے۔ اُس کی نسل اور اُس کے بھائی اور اُس کے پڑوسی سب نیست کِئے جائیں گے اور وہ نہ رہے گا۔ 11 تُو اپنے یتِیم فرزندوں کو چھوڑ۔ مَیں اُن کو زِندہ رکھُّوں گا اور تیری بیوائیں مُجھ پر توکُّل کریں۔
12 کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ جو سزاوار نہ تھے کہ پِیالہ پِئیں اُنہوں نے خُوب پِیا۔ کیا تُو بے سزا چُھوٹ جائے گا؟ تُو بے سزا نہ چُھوٹے گا بلکہ یقِیناً اُس میں سے پِئے گا۔ 13 کیونکہ مَیں نے اپنی ذات کی قَسم کھائی ہے۔ خُداوند فرماتا ہے کہ بُصراؔہ جایِ حَیرت اور ملامت اور وِیرانی اور لَعنت ہو گا اور اُس کے سب شہر ابدُالآباد وِیران رہیں گے۔
14 مَیں نے خُداوند سے ایک خبر سُنی ہے بلکہ ایک ایلچی یہ کہنے کو قَوموں کے درمِیان بھیجا گیا ہے کہ جمع ہو اور اُس پر جا پڑو اور لڑائی کے لِئے اُٹھو۔ 15 کیونکہ دیکھ مَیں نے تُجھے قَوموں کے درمیان حقِیر اور آدمِیوں کے درمِیان ذلِیل کِیا۔ 16 تیری ہَیبت اور تیرے دِل کے غرُور نے تُجھے فریب دِیا ہے۔ اَے تُو جو چٹانوں کے شِگافوں میں رہتی ہے اور پہاڑوں کی چوٹِیوں پر قابِض ہے اگرچہ تُو عُقاب کی طرح اپنا آشیانہ بُلندی پر بنائے تَو بھی مَیں وہاں سے تُجھے نِیچے اُتارُوں گا خُداوند فرماتا ہے۔
17 اور ادُوؔم بھی جایِ حَیرت ہو گا۔ ہر ایک جو اُدھر سے گُذرے گا حَیران ہو گا اور اُس کی سب آفتوں کے سبب سے سُسکارے گا۔ 18 جِس طرح سدُوؔم اور عمُورؔہ اور اُن کے آس پاس کے شہر غارت ہو گئے اُسی طرح اُس میں بھی نہ کوئی آدمی بسے گا نہ آدمؔ زاد وہاں سکُونت کرے گا خُداوند فرماتا ہے۔ 19 دیکھ وہ شیرِ بَبر کی طرح یَردؔن کے جنگل سے نِکل کر مُحکم بستی پر چڑھ آئے گا پر مَیں اچانک اُس کو وہاں سے بھگا دُوں گا اور اپنے برگُزِیدہ کو اُس پر مُقرّر کرُوں گا کیونکہ مُجھ سا کَون ہے؟ کَون ہے جو میرے لِئے وقت مُقرّر کرے؟ اور وہ چرواہا کَون ہے جو میرے مُقابِل کھڑا ہو سکے؟ 20 پس خُداوند کی مصلحت کو جو اُس نے ادُوؔم کے خِلاف ٹھہرائی ہے اور اُس کے اِرادہ کو جو اُس نے تِیماؔن کے باشِندوں کے خِلاف کِیا ہے سُنو۔ اُن کے گلّہ کے سب سے چھوٹوں کو بھی گھسِیٹ لے جائیں گے۔ یقِیناً اُن کا مسکن بھی اُن کے ساتھ برباد ہو گا۔ 21 اُن کے گِرنے کی آواز سے زمِین کانپ جائے گی۔ اُن کے چِلاّنے کا شور بحرِ قُلزؔم تک سُنائی دے گا۔ 22 دیکھ وہ چڑھ آئے گا اور عُقاب کی طرح اُڑے گا اور بُصراؔہ کے خِلاف بازُو پَھیلائے گا اور اُس دِن ادُوؔم کے بہادُروں کا دِل زچّہ کے دِل کی مانِند ہو گا۔
دمِشق پر خُدا کا غضب
23 دمِشق کی بابت:۔ حمات اور ارفاؔد شرمِندہ ہیں کیونکہ اُنہوں نے بُری خبر سُنی۔ وہ پِگھل گئے۔ سمُندر نے جُنبِش کھائی۔ وہ ٹھہر نہیں سکتا۔ 24 دمِشق کا زور ٹُوٹ گیا۔ اُس نے بھاگنے کے لِئے مُنہ پھیرا اور تھرتھراہٹ نے اُسے آ لِیا۔ زچّہ کے سے رنج و درد نے اُسے آ پکڑا۔ 25 یہ کیونکر ہُؤا کہ وہ ناموَر شہر میرا شادمان شہر نہیں بچا؟ 26 سو اُس کے جوان اُس کے بازاروں میں گِر جائیں گے اور سب جنگی مَرد اُس دِن کاٹ ڈالے جائیں گے ربُّ الافواج فرماتا ہے۔ 27 اور مَیں دمِشق کی شہر پناہ میں آگ بھڑکاؤُں گا جو بِن ہدد کے محلّوں کو بھسم کر دے گی۔
قِیدار کے قبِیلہ اور حصُور کے شہر پر خُداوند کا غضب
28 قِیدار کی بابت اور حصُور کی سلطنتوں کی بابت جِن کو شاہِ بابل نبُوکدؔرضر نے شِکست دی:۔ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اُٹھو قِیدار پر چڑھائی کرو اور اہلِ مشرِق کو ہلاک کرو۔ 29 وہ اُن کے خَیموں اور گلّوں کو لے لیں گے۔ اُن کے پردوں اور برتنوں اور اُونٹوں کو چِھین لے جائیں گے اور وہ چِلاّ کر اُن سے کہیں گے کہ چاروں طرف خَوف ہے۔
30 بھاگو دُور نِکل جاؤ۔ نشیب میں بسو اَے حصُور کے باشِندو خُداوند فرماتا ہے کیونکہ شاہِ باؔبل نبُوکدؔرضر نے تُمہاری مُخالفت میں مشوَرت کی اور تُمہارے خِلاف اِرادہ کِیا ہے۔ 31 خُداوند فرماتا ہے اُٹھو۔ اُس آسُودہ قَوم پر جو بے فِکر رہتی ہے جِس کے نہ کِواڑے ہیں نہ اڑبنگے اور اکیلی ہے چڑھائی کرو۔
32 اور اُن کے اُونٹ غنِیمت کے لِئے ہوں گے اور اُن کے چَوپایوں کی کثرت لُوٹ کے لِئے اور مَیں اُن لوگوں کو جو گاو دُم داڑھی رکھتے ہیں ہر طرف ہوا میں پراگندہ کرُوں گا اور مَیں اُن پر ہر طرف سے آفت لاؤُں گا خُداوند فرماتا ہے۔ 33 اور حصُور گِیدڑوں کا مقام ہمیشہ کا وِیرانہ ہو گا۔ نہ کوئی آدمی وہاں بسے گا اور نہ کوئی آدمؔ زاد اُس میں سکُونت کرے گا۔
عَیلام پر خُداوند کا غضب
34 خُداوند کا کلام جو شاہِ یہُوداؔہ صِدقیاہ کی سلطنت کے شرُوع میں عَیلاؔم کی بابت یَرمِیاؔہ نبی پر نازِل ہُؤا۔ 35 کہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں عَیلاؔم کی کمان اُن کی بڑی توانائی کو توڑ ڈالُوں گا۔ 36 اور چاروں ہواؤں کو آسمان کے چاروں کونوں سے عَیلاؔم پر لاؤُں گا اور اُن چاروں ہواؤں کی طرف اُن کو پراگندہ کرُوں گا اور کوئی اَیسی قَوم نہ ہو گی جِس تک عَیلاؔم کے جلاوطن نہ پُہنچیں گے۔ 37 کیونکہ مَیں عَیلاؔم کو اُن کے مُخالِفوں اور جانی دُشمنوں کے آگے ہِراسان کرُوں گا اور اُن پر ایک بَلا یعنی قہرِ شدِید کو نازِل کرُوں گا خُداوند فرماتا ہے اور تلوار کو اُن کے پِیچھے لگا دُوں گا یہاں تک کہ اُن کو نابُود کر ڈالُوں گا۔ 38 اور مَیں اپنا تخت عَیلاؔم میں رکھُّوں گا اور وہاں سے بادشاہ اور اُمرا کو نابُود کرُوں گا خُداوند فرماتا ہے۔ 39 پر آخِری دِنوں میں یُوں ہو گا کہ مَیں عَیلاؔم کو اَسِیری سے واپس لاؤُں گا خُداوند فرماتا ہے۔
بابل پر قبضہ
1 وہ کلام جو خُداوند نے بابل اور کسدیوں کے مُلک کی بابت یَرمِیاؔہ نبی کی معرفت فرمایا:۔
2 قَوموں میں اِعلان کرو
اور اِشتِہار دو
اور جھنڈا کھڑا کرو۔ مُنادی کرو۔
پوشِیدہ نہ رکھّو۔
کہہ دو کہ بابل لے لِیا گیا۔
بیل رُسوا ہُؤا۔ مرودؔک سراسِیمہ ہو گیا۔
اُس کے بُت خجِل ہُوئے۔ اُس کی مُورتیں
توڑی گئِیں۔
3 کیونکہ شِمال سے ایک قَوم اُس پر چڑھی چلی آتی ہے جو اُس کی سرزمِین کو اُجاڑ دے گی یہاں تک کہ اُس میں کوئی نہ رہے گا۔ وہ بھاگ نِکلے۔ وہ چل دِئے کیا اِنسان کیا حَیوان۔
اِسرائیل کی واپسی
4 خُداوند فرماتا ہے اُن دِنوں میں بلکہ اُسی وقت بنی اِسرائیل آئیں گے۔ وہ اور بنی یہُوداؔہ اِکٹّھے روتے ہُوئے چلیں گے اور خُداوند اپنے خُدا کے طالِب ہوں گے۔ 5 وہ صِیُّوؔن کی طرف مُتوجِّہ ہو کر اُس کی راہ پُوچھیں گے کہ آؤ ہم خُداوند سے مِل کر اُس سے ابدی عہد کریں جو کبھی فراموش نہ ہو۔
6 میرے لوگ بھٹکی ہُوئی بھیڑوں کی مانِند ہیں۔ اُن کے چَرواہوں نے اُن کو گُمراہ کر دِیا۔ اُنہوں نے اُن کو پہاڑوں پر لے جا کر چھوڑ دِیا۔ وہ پہاڑوں سے ٹِیلوں پر گئے اور اپنے آرام کا مکان بُھول گئے ہیں۔ 7 سب جِنہوں نے اُن کو پایا اُن کو نِگل گئے اور اُن کے دُشمنوں نے کہا ہم قصُوروار نہیں ہیں کیونکہ اُنہوں نے خُداوند کا گُناہ کِیا ہے۔ وہ خُداوند جو مسکنِ صداقت اور اُن کے باپ دادا کی اُمّیدگاہ ہے۔
8 بابل میں سے بھاگو اور کسدیوں کی سرزمِین سے نِکلو اور اُن بکروں کی مانِند ہو جو گلّوں کے آگے آگے چلتے ہیں۔ 9 کیونکہ دیکھ مَیں شِمال کی سرزمِین سے بڑی قَوموں کے انبوہ کو برپا کرُوں گا اور بابل پر چڑھا لاؤُں گا اور وہ اُس کے مُقابِل صف آرا ہوں گے۔ وہاں سے اُس پر قبضہ کر لیں گے۔ اُن کے تِیرکار آزمُودہ بہادُر کے سے ہوں گے جو خالی ہاتھ نہیں لَوٹتا۔ 10 کسدِستان لُوٹا جائے گا اُسے لُوٹنے والے سب آسُودہ ہوں گے خُداوند فرماتا ہے۔
سقُوطِ بابل
11 اَے میری مِیراث کو لُوٹنے والو چُونکہ تُم شادمان اور خُوش ہو اور داؤنے والی بچھیا کی مانِند کُودتے پھاندتے اور طاقتور گھوڑوں کی مانِند ہِنہناتے ہو۔ 12 اِس لِئے تُمہاری ماں نِہایت شرمِندہ ہو گی۔ تُمہاری والِدہ خجالت اُٹھائے گی۔ دیکھو وہ قَوموں میں سب سے آخِری ٹھہرے گی اور بیابان و خُشک زمِین اور ریگستان ہو گی۔ 13 خُداوند کے قہر کے سبب سے وہ آباد نہ ہو گی بلکہ بِالکُل وِیران ہو جائے گی۔ جو کوئی بابل سے گُذرے گا حَیران ہو گا اور اُس کی سب آفتوں کے باعِث سُسکارے گا۔
14 اَے سب تِیراندازو! بابل کو گھیر کر اُس کے خِلاف صف آرائی کرو۔ اُس پر تِیر چلاؤ۔ تِیروں کو دریغ نہ کرو کیونکہ اُس نے خُداوند کا گُناہ کِیا ہے۔ 15 اُسے گھیر کر تُم اُس پر للکارو۔ اُس نے اِطاعت منظُور کر لی۔ اُس کی بُنیادیں دھس گئِیں۔ اُس کی دِیواریں گِر گئِیں کیونکہ یہ خُداوند کا اِنتقام ہے۔ اُس سے اِنتقام لو۔ جَیسا اُس نے کِیا وَیسا ہی تُم اُس سے کرو۔ 16 بابل میں ہر ایک بونے والے کو اور اُسے جو دِرَو کے وقت درانتی پکڑے کاٹ ڈالو۔ ظالِم کی تلوار کی ہَیبت سے ہر ایک اپنے لوگوں میں جا مِلے گا اور ہر ایک اپنے وطن کو بھاگ جائے گا۔
اِسرائیل کی واپسی
17 اِسرائیل پراگندہ بھیڑوں کی مانِند ہے۔ شیروں نے اُسے رگیدا ہے۔ پہلے شاہِ اسُور نے اُسے کھا لِیا اور پِھر یہ شاہِ بابل نبُوکدؔرضر اُس کی ہڈِّیوں تک چبا گیا۔ 18 اِس لِئے ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں شاہِ بابل اور اُس کے مُلک کو سزا دُوں گا جِس طرح مَیں نے شاہِ اَسُور کو سزا دی ہے۔ 19 لیکن مَیں اِسرائیل کو پِھر اُس کے مسکن میں لاؤُں گا اور وہ کرمِل اور بسن میں چرے گا اور اُس کی جان کوہِ اِفرائِیم اور جِلعاد پر آسُودہ ہو گی۔ 20 خُداوند فرماتا ہے اُن دِنوں میں اور اُسی وقت اِسرائیل کی بدکرداری ڈُھونڈے نہ مِلے گی اور یہُوداؔہ کے گُناہوں کا پتہ نہ مِلے گا کیونکہ جِن کو مَیں باقی رکھُّوں گا اُن کو مُعاف کرُوں گا۔
بابل پر خُداوند کا غضب
21 مراتاؔیم کی سرزمِین پر اور فِقود کے باشِندوں پر چڑھائی کر۔ اُسے وِیران کر اور اُن کو بِالکُل نابُود کر خُداوند فرماتا ہے اور جو کُچھ مَیں نے تُجھے فرمایا ہے اُس سب کے مُطابِق عمل کر۔ 22 مُلک میں لڑائی اور بڑی ہلاکت کی آواز ہے۔ 23 تمام دُنیا کا ہتھوڑا کیونکر کاٹا اور توڑا گیا! بابل قَوموں کے درمِیان کَیسا جایِ حَیرت ہُؤا! 24 مَیں نے تیرے لِئے پھندا لگایا اور اَے بابل تُو پکڑا گیا اور تُجھے خبر نہ تھی۔ تیرا پتہ مِلا اور تُو گرِفتار ہو گیا کیونکہ تُو نے خُداوند سے لڑائی کی ہے۔ 25 خُداوند نے اپنا سلاح خانہ کھولا اور اپنے قہر کے ہتھیاروں کو نِکالا ہے کیونکہ کسدیوں کی سرزمِین میں خُداوند ربُّ الافواج کو کُچھ کرنا ہے۔ 26 سِرے سے شرُوع کر کے اُس پر چڑھو اور اُس کے انبار خانوں کو کھولو۔ اُس کو کھنڈر کر ڈالو اور اُس کو نیست کرو۔ اُس کی کوئی چِیز باقی نہ چھوڑو۔ 27 اُس کے سب بَیلوں کو ذبح کرو۔ اُن کو مسلخ میں جانے دو۔ اُن پر افسوس! کہ اُن کا دِن آ گیا۔ اُن کی سزا کا وقت آ پُہنچا۔
28 سرزمِینِ بابل سے فرارِیوں کی آواز! وہ بھاگتے اور صِیُّوؔن میں خُداوند ہمارے خُدا کے اِنتقام یعنی اُس کی ہَیکل کے اِنتقام کا اِعلان کرتے ہیں۔
29 تِیر اندازوں کو بُلا کر اِکٹّھا کرو کہ بابل پر جائیں۔ سب کمان داروں کو ہر طرف سے اُس کے مُقابِل خَیمہ زن کرو۔ وہاں سے کوئی بچ نہ نِکلے۔ اُس کے کام کے مُوافِق اُس کو بدلہ دو۔ سب کُچھ جو اُس نے کِیا اُس سے کرو کیونکہ اُس نے خُداوند اِسرائیل کے قُدُّوس کے حضُور بُہت تکبُّر کِیا۔ 30 اِس لِئے اُس کے جوان بازاروں میں گِر جائیں گے اور سب جنگی مَرد اُس دِن کاٹ ڈالے جائیں گے خُداوند فرماتا ہے۔
31 اَے مغرُور دیکھ مَیں تیرا مُخالِف ہُوں خُداوند ربُّ الافواج فرماتا ہے کیونکہ تیرا وقت آ پُہنچا ہاں وہ وقت جب مَیں تُجھے سزا دُوں۔ 32 اور وہ گھمنڈی ٹھوکر کھائے گا۔ وہ گِرے گا اور کوئی اُسے نہ اُٹھائے گا اور مَیں اُس کے شہروں میں آگ بھڑکاؤُں گا اور وہ اُس کی تمام نواحی کو بھسم کر دے گی۔
33 ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ بنی اِسرائیل اور بنی یہُوداؔہ دونوں مظلُوم ہیں اور اُن کو اسِیر کرنے والے اُن کو قَید میں رکھتے ہیں اور چھوڑنے سے اِنکار کرتے ہیں۔ 34 اُن کا چُھڑانے والا زورآور ہے۔ ربُّ الافواج اُس کا نام ہے۔ وہ اُن کی پُوری حِمایت کرے گا تاکہ زمِین کو راحت بخشے اور بابل کے باشِندوں کو پریشان کرے۔
35 خُداوند فرماتا ہے کہ
تلوار کسدیوں پر اور بابل کے باشِندوں پر
اور اُس کے اُمرا اور حُکما پر ہے۔
36 لافزنوں پر تلوار ہے۔
وہ بے وُقُوف ہو جائیں گے۔
اُس کے بہادُروں پر تلوار ہے۔
وہ ڈر جائیں گے۔
37 اُس کے گھوڑوں اور رتھوں
اور سب مِلے جُلے لوگوں پر جو اُس میں ہیں تلوار
ہے۔ وہ عَورتوں کی مانِند ہوں گے۔
اُس کے خزانوں پر تلوار ہے۔ وہ لُوٹے جائیں گے۔
38 اُس کی نہروں پر خُشک سالی ہے۔ وہ سُوکھ جائیں گی
کیونکہ وہ تراشی ہُوئی مُورتوں کی مُملکت ہے اور
وہ بُتوں پرشیفتہ ہیں۔
39 اِس لِئے دشتی درِندے گِیدڑوں کے ساتھ وہاں بسیں گے اور شُتر مُرغ اُس میں بسیرا کریں گے اور وہ پِھر ابد تک آباد نہ ہو گی۔ پُشت در پُشت کوئی اُس میں سکُونت نہ کرے گا۔ 40 جِس طرح خُدا نے سدُوؔم اور عمُورؔہ اور اُن کے آس پاس کے شہروں کو اُلٹ دِیا خُداوند فرماتا ہے اُسی طرح کوئی آدمی وہاں نہ بسے گا نہ آدمؔ زاد اُس میں رہے گا۔
41 دیکھ شِمالی مُلک سے ایک گروہ آتی ہے
اور اِنتہایِ زمِین سے ایک بڑی قَوم
اور بُہت سے بادشاہ برانگیختہ کِئے جائیں گے۔
42 وہ تِیرانداز و نیزہ باز ہیں۔
وہ سنگ دِل و بے رحم ہیں۔
اُن کے نعروں کی صدا سمُندر کی سی ہے۔
وہ گھوڑوں پر سوار ہیں۔
اَے دُخترِ بابل وہ جنگی مَردوں کی مانِند تیرے
مُقابِل صف آرائی کرتے ہیں۔
43 شاہِ بابل نے اُن کی شُہرت سُنی ہے۔
اُس کے ہاتھ ڈِھیلے ہو گئے۔
وہ زچّہ کی مانِند مُصِیبت اور درد میں گرِفتار ہے۔
44 دیکھ وہ شیرِ بَبر کی طرح یردؔن کے جنگل سے نِکل کر مُحکم بستی پر چڑھ آئے گا پر مَیں اچانک اُس کو وہاں سے بھگا دُوں گا اور اپنے برگُزِیدہ کو اُس پر مُقرّر کرُوں گا کیونکہ مُجھ سا کَون ہے؟ کَون ہے جو میرے لِئے وقت مُقرّر کرے؟ اور وہ چَرواہا کَون ہے جو میرے مُقابِل کھڑا ہو سکے؟ 45 پس خُداوند کی مصلحت کو جو اُس نے بابل کے خِلاف ٹھہرائی ہے اور اُس کے اِرادہ کو جو اُس نے کسدیوں کی سرزمِین کے خِلاف کِیا ہے سُنو۔ یقِیناً اُن کے گلّہ کے سب سے چھوٹوں کو بھی گھسِیٹ لے جائیں گے۔ یقِیناً اُن کا مسکن بھی اُن کے ساتھ برباد ہو گا۔ 46 بابل کی شِکست کے شور سے زمِین کانپتی ہے اور فریاد کو قَوموں نے سُنا ہے۔
بابل پر مزید غضب
1 خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں بابل پر اور اُس مُخالِف دارُالسّلطنت کے رہنے والوں پر ایک مُہلِک ہوا چلاؤُں گا۔ 2 اور مَیں اُسانے والوں کو بابل میں بھیجُوں گا کہ اُسے اُسائیں اور اُس کی سرزمِین کو خالی کریں۔ یقِیناً اُس کی مُصِیبت کے دِن وہ اُس کے دُشمن بن کر اُسے چاروں طرف سے گھیر لیں گے۔ 3 اُس کے کمان داروں اور زِرہ پوشوں پر تِیر اندازی کرو۔ تُم اُس کے جوانوں پر رحم نہ کرو۔ اُس کے تمام لشکر کو بِالکُل ہلاک کرو۔ 4 مقتُول کسدیوں کی سرزمِین میں گِریں گے اور چِھدے ہُوئے اُس کے بازاروں میں پڑے رہیں گے۔ 5 کیونکہ اِسرائیل اور یہُوداؔہ کو اُن کے خُدا ربُّ الافواج نے ترک نہیں کِیا اگرچہ اِن کا مُلک اِسرائیل کے قُدُّوس کی نافرماں برداری سے پُر ہے۔ 6 بابل سے نِکل بھاگو اور ہر ایک اپنی جان بچائے۔ اُس کی بدکرداری کی سزا میں شرِیک ہو کر ہلاک نہ ہو کیونکہ یہ خُداوند کے اِنتقام کا وقت ہے۔ وہ اُسے بدلہ دیتا ہے۔ 7 بابل خُداوند کے ہاتھ میں سونے کا پیالہ تھا جِس نے ساری دُنیا کو متوالا کِیا۔ قَوموں نے اُس کی مَے پی اِس لِئے وہ دِیوانہ ہیں۔ 8 بابل یکایک گِر گیا اور غارت ہُؤا۔ اُس پر واوَیلا کرو۔ اُس کے زخم کے لِئے بلسان لو شاید وہ شِفا پائے۔ 9 ہم تو بابل کی شِفایابی چاہتے تھے پر وہ شِفایاب نہ ہُؤا۔ تُم اُس کو چھوڑو۔ آؤ ہم سب اپنے اپنے وطن کو چلے جائیں کیونکہ اُس کی سزا آسمان تک پُہنچی اور اَفلاک تک بُلند ہُوئی۔
10 خُداوند نے ہماری راست بازی کو آشکارا کِیا۔ آؤ ہم صِیُّون میں خُداوند اپنے خُدا کے کام کا بیان کریں۔
11 تِیروں کو صَیقل کرو۔ سِپروں کو تیّار رکھّو۔
خُداوند نے مادِیوں کے بادشاہوں کی رُوح کو اُبھارا ہے کیونکہ اُس کا اِرادہ بابل کو نیست کرنے کا ہے کیونکہ یہ خُداوند کا یعنی اُس کی ہَیکل کا اِنتقام ہے۔ 12 بابل کی دِیواروں کے مُقابِل جھنڈا کھڑا کرو۔ پہرے کی چَوکِیاں مضبُوط کرو۔ پہرے داروں کو بِٹھاؤ۔ کمِین گاہیں تیّار کرو
کیونکہ خُداوند نے اہلِ بابل کے حق میں جو کُچھ ٹھہرایا اور فرمایا تھا سو پُورا کِیا۔ 13 اَے نہروں پر سکُونت کرنے والی جِس کے خزانے فراوان ہیں تیری تمامی کا وقت آ پُہنچا اور تیری غارت گری کا پَیمانہ پُر ہو گیا۔ 14 ربُّ الافواج نے اپنی ذات کی قَسم کھائی ہے کہ یقِیناً مَیں تُجھ میں لوگوں کو ٹِڈّیوں کی طرح بھر دُوں گا اور وہ تُجھ پر جنگ کا نعرہ ماریں گے۔
خُداوند کی سِتایش کا گیِت
15 اُسی نے اپنی قُدرت سے زمِین کو بنایا۔
اُسی نے اپنی حِکمت سے جہان کو قائِم کِیا
اور اپنی عقل سے آسمان کو تان دِیا ہے۔
16 اُس کی آواز سے آسمان میں پانی کی فراوانی
ہوتی ہے
اور وہ زمِین کی اِنتہا سے بُخارات اُٹھاتا ہے۔
وہ بارِش کے لِئے بِجلی چمکاتا ہے
اور اپنے خزانوں سے ہوا چلاتا ہے۔
17 ہر آدمی حَیوانِ خصلت اور بے عِلم ہو گیا ہے۔
سُنار اپنی کھودی ہُوئی مُورت سے رُسوا ہے
کیونکہ اُس کی ڈھالی ہُوئی مُورت باطِل ہے۔
اُن میں دَم نہیں۔
18 وہ باطِل فعلِ فریب ہیں۔
سزا کے وقت برباد ہو جائیں گی۔
19 یعقُوبؔ کا بخرہ اُن کی مانِند نہیں
کیونکہ وہ سب چِیزوں کا خالِق ہے
اور اِسرائیل اُس کی مِیراث کا عَصا ہے۔
ربُّ الافواج اُس کا نام ہے۔
خُداوند کا گُرز
20 تُو میرا گُرز اور جنگی ہتھیار ہے
اور تُجھی سے مَیں قَوموں کو توڑتا اور تُجھی سے
سلطنتوں کو نیست کرتا ہُوں۔
21 تُجھی سے مَیں گھوڑے اور سوار کو کُچلتا
اور تُجھی سے رتھ اور اُس کے سوار کو چُور کرتا ہُوں۔
22 تُجھی سے مَرد و زن
اور پِیر و جوان کو کُچلتا
اور تُجھی سے نَوخیز لڑکوں اور لڑکیوں کو پِیس
ڈالتا ہُوں۔
23 اور تُجھی سے چَرواہے اور اُس کے گلّہ کو کُچلتا
اور تُجھی سے کِسان اور اُس کے جوڑی بَیل کو
اور تُجھی سے سرداروں اور حاکِموں کو چُور چُور کر
دیتا ہُوں۔
بابل کی سزا
24 اور مَیں بابل کو اور کسدِستان کے سب باشِندوں کو اُس تمام نُقصان کا جو اُنہوں نے صِیُّون کو تُمہاری آنکھوں کے سامنے پُہنچایا ہے عِوض دیتا ہُوں خُداوند فرماتا ہے۔ 25 دیکھ خُداوند فرماتا ہے اَے ہلاک کرنے والے پہاڑ جو تمام رُویِ زمِین کو ہلاک کرتا ہے! مَیں تیرا مُخالِف ہُوں اور مَیں اپنا ہاتھ تُجھ پر بڑھاؤُں گا اور چٹانوں پر سے تُجھے لُڑھکاؤُں گا اور تُجھے جلا ہُؤا پہاڑ بنا دُوں گا۔ 26 نہ تُجھ سے کونے کا پتّھر اور نہ بُنیاد کے لِئے پتّھر لیں گے بلکہ تُو ہمیشہ تک وِیران رہے گا خُداوند فرماتا ہے۔
27 مُلک میں جھنڈا کھڑا کرو۔ قَوموں میں نرسِنگا پُھونکو۔ اُن کو اُس کے خِلاف مخصُوص کرو۔ اَراراؔط اور مِنّی اور اشکناز کی مُملکتوں کو اُس پر چڑھا لاؤ۔ اُس کے خِلاف سِپہ سالار مُقرّر کرو اور سواروں کو مُہلِک ٹِڈّیوں کی طرح چڑھا لاؤ۔ 28 قَوموں کو مادِیوں کے بادشاہوں کو اور سرداروں اور حاکِموں اور اُن کی سلطنت کے تمام مُمالِک کو مخصُوص کرو کہ اُس پر چڑھائی کریں۔ 29 اور زمِین کانپتی اور درد میں مُبتلا ہے کیونکہ خُداوند کے اِرادے بابل کی مُخالفت میں قائِم رہیں گے کہ بابل کی سرزمِین کو وِیران اور غَیر آباد کر دے۔ 30 بابل کے بہادُر لڑائی سے دست بردار اور قلعوں میں بَیٹھے ہیں۔ اُن کا زور گھٹ گیا۔ وہ عَورتوں کی مانِند ہو گئے۔ اُس کے مسکن جلائے گئے۔ اُس کے اڑبنگے توڑے گئے۔ 31 ہرکارہ ہرکارے سے مِلنے کو اور قاصِد قاصِد سے مِلنے کو دَوڑے گا کہ بابل کے بادشاہ کو اِطلاع دے کہ اُس کا شہر ہر طرف سے لے لِیا گیا۔ 32 اور گُذرگاہیں لے لی گئِیں اور نَیستان آگ سے جلائے گئے اور فَوج ہَڑبَڑا گئی۔ 33 کیونکہ ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دُخترِ بابل کھلِیہان کی مانِند ہے جب اُسے رَوندنے کا وقت آئے۔ تھوڑی دیر ہے کہ اُس کی کٹائی کا وقت آ پُہنچے گا۔
34 شاہِ بابل نبُوکدؔرضر نے مُجھے کھا لِیا۔
اُس نے مُجھے شِکست دی ہے۔
اُس نے مُجھے خالی برتن کی مانِند کر دِیا۔
اژدہا کی مانِند وہ مُجھے نِگل گیا۔
اُس نے اپنے پیٹ کو میری نِعمتوں سے بھر لِیا۔
اُس نے مُجھے نِکال دِیا۔
35 صِیُّون کے رہنے والے کہیں گے
جو سِتم ہم پر اور ہمارے لوگوں پر ہُؤا
بابل پر ہو
اور یروشلیِم کہے گا
میرا خُون اہلِ کسدِستان پر ہو۔
خُداوند اِسرائیل کی حِمایت اور مدد کرے گا
36 اِس لِئے خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں تیری حِمایت کرُوں گا اور تیرا اِنتقام لُوں گا اور اُس کے بحر کو سُکھاؤُں گا اور اُس کے سوتے کو خُشک کر دُوں گا۔ 37 اور بابل کھنڈر ہو جائے گا اور گِیدڑوں کا مقام اور حَیرت اور سُسکار کا باعِث ہو گا اور اُس میں کوئی نہ بسے گا۔ 38 وہ جوان بَبروں کی طرح اِکٹّھے گرجیں گے۔ وہ شیر بچّوں کی طرح غُرّائیں گے۔ 39 اُن کی حالتِ طَیش میں مَیں اُن کی ضِیافت کر کے اُن کو مست کرُوں گا کہ وہ وجد میں آئیں اور دائِمی خواب میں پڑے رہیں اور بیدار نہ ہوں خُداوند فرماتا ہے۔ 40 مَیں اُن کو برّوں اور مینڈھوں کی طرح بکروں سمیت مسلخ پر اُتار لاؤُں گا۔
بابل کا حشر
41 شیشک کیونکر لے لِیا گیا! ہاں تمام رُویِ زمِین کا سِتُودہ یک بارگی لے لِیا گیا! بابل قَوموں کے درمِیان کَیسا وِیران ہُؤا! 42 سمُندر بابل پر چڑھ گیا ہے۔ وہ اُس کی لہروں کی کثرت سے چُھپ گیا۔ 43 اُس کی بستِیاں اُجڑ گئِیں۔ وہ خُشک زمِین اور صحرا ہو گیا۔ اَیسی سرزمِین جِس میں نہ کوئی بستا ہو اور نہ وہاں آدمؔ زاد کا گُذر ہو۔ 44 کیونکہ مَیں بابل میں بیل کو سزا دُوں گا اور جو کُچھ وہ نِگل گیا ہے اُس کے مُنہ سے نِکالُوں گا اور پِھر قَومیں اُس کی طرف رَوان نہ ہوں گی
ہاں بابل کی فصِیل گِر جائے گی۔ 45 اَے میرے لوگو! اُس میں سے نِکل آؤ اور تُم میں سے ہر ایک خُداوند کے قہرِ شدِید سے اپنی جان بچائے۔ 46 نہ ہو کہ تُمہارا دِل سُست ہو اور تُم اُس افواہ سے ڈرو جو زمِین میں سُنی جائے گی۔ ایک افواہ ایک سال آئے گی اور پِھر دُوسری افواہ دُوسرے سال میں اور مُلک میں ظُلم ہو گا اور حاکِم حاکِم سے لڑے گا۔ 47 اِس لِئے دیکھ وہ دِن آتے ہیں کہ مَیں بابل کی تراشی ہُوئی مُورتوں سے اِنتقام لُوں گا اور اُس کی تمام سرزمِین رُسوا ہو گی اور اُس کے سب مقتُول اُسی میں پڑے رہیں گے۔ 48 تب آسمان اور زمِین اور سب کُچھ جو اُن میں ہے بابل پر شادیانہ بجائیں گے کیونکہ غارت گر شِمال سے اُس پر چڑھ آئیں گے۔ خُداوند فرماتا ہے۔ 49 جِس طرح بابل میں بنی اِسرائیل قتل ہُوئے اُسی طرح بابل میں تمام مُلک کے لوگ قتل ہوں گے۔
خُداوند کا پَیغام بابل میں اِسرائیلیوں کے نام
50 تُم جو تلوار سے بچ گئے ہو کھڑے نہ ہو۔ چلے جاؤ۔ دُور ہی سے خُداوند کو یاد کرو اور یروشلیِم کا خیال تُمہارے دِل میں آئے۔ 51 ہم پریشان ہیں کیونکہ ہم نے ملامت سُنی۔ ہم شرم آلُودہ ہُوئے کیونکہ خُداوند کے گھر کے مقدِسوں میں اجنبی گُھس آئے۔ 52 اِس لِئے دیکھ وہ دِن آتے ہیں خُداوند فرماتا ہے کہ مَیں اُس کی تراشی ہُوئی مُورتوں کو سزا دُوں گا اور اُس کی تمام سلطنت میں گھایل کراہیں گے۔ 53 ہر چند بابل آسمان پر چڑھ جائے اور اپنے زور کی اِنتِہا تک مُستحکم ہو بَیٹھے تَو بھی غارت گر میری طرف سے اُس پر چڑھ آئیں گے خُداوند فرماتا ہے۔
بابل کی مزید بربادی
54 بابل سے رونے کی
اور کسدیوں کی سرزمِین سے بڑی ہلاکت کی
آواز آتی ہے۔
55 کیونکہ خُداوند بابل کو غارت کرتا ہے اور اُس کے
بڑے شور و غُل کو نیست کرے گا۔
اُن کی لہریں سمُندر کی طرح شور مچاتی ہیں۔
اُن کے شور کی آواز بُلند ہے۔
56 اِس لِئے کہ غارت گر اُس پر ہاں بابل پر چڑھ آیا ہے
اور اُس کے زورآور لوگ پکڑے جائیں گے۔
اُن کی کمانیں توڑی جائیں گی
کیونکہ خُداوند اِنتقام لینے والا خُدا ہے۔ وہ
ضرُور بدلہ لے گا۔
57 اور مَیں اُمرا و حُکما کو اور اُس کے سرداروں اور
حاکِموں کو مست کرُوں گا
اور وہ دائِمی خواب میں پڑے رہیں گے اور
بیدار نہ ہوں گے۔
وہ بادشاہ فرماتا ہے
جِس کا نام ربُّ الافواج ہے۔
58 ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ
بابل کی چَوڑی فصِیل بِالکُل گِرا دی جائے گی
اور اُس کے بُلند پھاٹک آگ سے جلا دِئے
جائیں گے۔
یُوں لوگوں کی مِحنت بے فائِدہ ٹھہرے گی
اور قَوموں کا کام آگ کے لِئے ہو گا اور وہ ماندہ
ہوں گے۔
یَرمِیاہ کا پَیغام بابل بھیجا جاتا ہے
59 یہ وہ بات ہے جو یَرمِیاؔہ نبی نے سِرایاؔہ بِن نَیریّاؔہ بِن محسیاؔہ سے کہی جب وہ شاہِ یہُوداؔہ صِدقیاہ کے ساتھ اُس کی سلطنت کے چَوتھے برس بابل میں گیا اور یہ سِرایاؔہ خواجہ سراؤں کا سردار تھا۔ 60 اور یَرمِیاؔہ نے اُن سب آفتوں کو جو بابل پر آنے والی تِھیں ایک کِتاب میں قلم بند کِیا یعنی اِن سب باتوں کو جو بابل کی بابت لِکھی گئی ہیں۔ 61 اور یَرمِیاؔہ نے سِرایاؔہ سے کہا کہ جب تُو بابل میں پُہنچے تو اِن سب باتوں کو پڑھنا۔ 62 اور کہنا اَے خُداوند! تُو نے اِس جگہ کی بربادی کی بابت فرمایا ہے کہ مَیں اِس کو نیست کرُوں گا اَیسا کہ کوئی اِس میں نہ بسے نہ اِنسان نہ حَیوان پر ہمیشہ وِیران رہے۔ 63 اور جب تُو اِس کِتاب کو پڑھ چُکے تو ایک پتّھر اِس سے باندھنا اور فراؔت میں پَھینک دینا۔ 64 اور کہنا بابل اِسی طرح ڈُوب جائے گا اور اُس مُصِیبت کے سبب سے جو مَیں اُس پر ڈال دُوں گا پِھر نہ اُٹھے گا اور وہ ماندہ ہوں گے
یَرمِیاؔہ کی باتیں یہاں تک ہیں۔
سقُوطِ یروشلیِم
1 جب صِدقیاہ سلطنت کرنے لگا تو اِکِّیس برس کا تھا اور اُس نے گیارہ برس یروشلیِم میں سلطنت کی اور اُس کی ماں کا نام حمُوطل تھا جو لِبناہی یَرمِیاؔہ کی بیٹی تھی۔ 2 اور جو کُچھ یہُوؔیقیِم نے کِیا تھا اُسی کے مُطابِق اُس نے بھی خُداوند کی نظر میں بدی کی۔ 3 کیونکہ خُداوند کے غضب کے سبب سے یروشلیِم اور یہُوداؔہ کی یہ نَوبت آئی کہ آخِر اُس نے اُن کو اپنے حضُور سے دُور ہی کر دِیا
اور صِدقیاہ شاہِ بابل سے مُنحرِف ہو گیا۔ 4 اور اُس کی سلطنت کے نویں برس کے دسویں مہِینے کے دسویں دِن یُوں ہُؤا کہ شاہِ بابل نبُوکدؔرضر نے اپنی ساری فَوج سمیت یروشلیِم پر چڑھائی کی اور اُس کے مُقابِل خَیمہ زن ہُؤا اور اُنہوں نے اُس کے مُقابِل حِصار بنائے۔ 5 اور صِدقیاہ بادشاہ کی سلطنت کے گیارھویں برس تک شہر کا مُحاصرہ رہا۔ 6 اور چَوتھے مہِینے کے نویں دِن سے شہر میں کال اَیسا سخت ہو گیا کہ مُلک کے لوگوں کے لِئے خورِش نہ رہی۔ 7 تب شہر پناہ میں رخنہ ہو گیا اور دونوں دِیواروں کے درمِیان جو پھاٹک شاہی باغ کے برابر تھا اُس سے سب جنگی مَرد رات ہی رات بھاگ گئے (اِس وقت کَسدی شہر کو گھیرے ہُوئے تھے) اور بیابان کی راہ لی۔ 8 لیکن کسدیوں کی فَوج نے بادشاہ کا پِیچھا کِیا اور اُسے یرِیحُو کے مَیدان میں جا لِیا اور اُس کا سارا لشکر اُس کے پاس سے پراگندہ ہو گیا تھا۔ 9 سو وہ بادشاہ کو پکڑ کر رِبلہ میں شاہِ بابل کے پاس حمات کے عِلاقہ میں لے گئے اور اُس نے صِدقیاہ پر فتویٰ دِیا۔ 10 اور شاہِ بابل نے صِدقیاہ کے بیٹوں کو اُس کی آنکھوں کے سامنے ذبح کِیا اور یہُوداؔہ کے سب اُمرا کو بھی رِبلہ میں قتل کِیا۔ 11 اور اُس نے صِدقیاہ کی آنکھیں نِکال ڈالیں اور شاہِ بابل اُس کو زنجِیروں سے جکڑ کر بابل کو لے گیا اور اُس کے مَرنے کے دِن تک اُسے قَید خانہ میں رکھّا۔
ہَیکل کی بربادی
12 اور شاہِ بابل نبُوکدؔرضر کے عہد کے اُنِیسویں برس کے پانچویں مہِینے کے دسویں دِن جلَوداروں کا سردار نبُوز رادان جو شاہِ بابل کے حضُور میں کھڑا رہتا تھا یروشلیِم میں آیا۔ 13 اُس نے خُداوند کا گھر اور بادشاہ کا قصر اور یروشلیِم کے سب گھر یعنی ہر ایک بڑا گھر آگ سے جلا دِیا۔ 14 اور کسدیوں کے سارے لشکر نے جو جلَوداروں کے سردار کے ہمراہ تھا یروشلیِم کی فصِیل کو چاروں طرف سے گِرا دِیا۔ 15 اور باقی لوگوں اور مُحتاجوں کو جو شہر میں رہ گئے تھے اور اُن کو جِنہوں نے اپنوں کو چھوڑ کر شاہِ بابل کی پناہ لی تھی اور عوام میں سے جِتنے باقی رہ گئے تھے اُن سب کو نبُوز رادان جلَوداروں کا سردار اسِیر کر کے لے گیا۔ 16 پر جلَوداروں کے سردار نبُوز رادان نے مُلک کے کنگالوں کو رہنے دِیا تاکہ کھیتی اور تاکِستانوں کی باغبانی کریں۔
17 اور پِیتل کے اُن سُتُونوں کو جو خُداوند کے گھر میں تھے اور کُرسِیوں کو اور پِیتل کے بڑے حَوض کو جو خُداوند کے گھر میں تھا کسدیوں نے توڑ کر ٹُکڑے ٹُکڑے کِیا اور اُن کا سب پِیتل بابل کو لے گئے۔ 18 اور دیگیں اور بیلچے اور گُلگِیر اور لگن اور چمچے اور پِیتل کے تمام برتن جو وہاں کام آتے تھے لے گئے۔ 19 اور باسن اور انگِیٹِھیاں اور لگن اور دیگیں اور شمعدان اور چمچے اور پِیالے غرض جو سونے کے تھے اُن کے سونے کو اور جو چاندی کے تھے اُن کی چاندی کو جلَوداروں کا سردار لے گیا۔ 20 وہ دو سُتُون اور وہ بڑا حَوض اور وہ پِیتل کے بارہ بَیل جو کُرسِیوں کے نِیچے تھے جن کو سُلیماؔن بادشاہ نے خُداوند کے گھر کے لِئے بنایا تھا اِن سب چِیزوں کے پِیتل کا وزن بے حِساب تھا۔ 21 ہر سُتُون اٹّھارہ ہاتھ اُونچا تھا اور بارہ ہاتھ کا سُوت اُس کے گِرداگِرد آتا تھا اور وہ چار اُنگل موٹا تھا۔ یہ کھوکھلا تھا۔ 22 اور اُس کے اُوپر پِیتل کا ایک تاج تھا اور وہ تاج پانچ ہاتھ بُلند تھا۔ اُس تاج پر گِرداگِرا جالِیاں اور انار کی کلِیاں سب پِیتل کی بنی ہُوئی تِھیں اور دُوسرے سُتُون کے لوازِم بھی جالی سمیت اِن ہی کی طرح تھے۔ 23 اور چاروں ہواؤں کے رُخ انار کی کلِیاں چِھیانوے تِھیں اور گِرداگِرد جالیوں پر ایک سَو تھِیں۔
یہُوداؔہ کے لوگ اسیِر ہو کر بابل کو جاتے ہیں
24 اور جلَوداروں کے سردار نے سِرایاؔہ سردار کاہِن کو اور کاہِنِ ثانی صفِنیاؔہ کو اور تِینوں دربانوں کو پکڑ لِیا۔ 25 اور اُس نے شہر میں سے ایک سردار کو پکڑ لِیا جو جنگی مَردوں پر مُقرّر تھا اور جو لوگ بادشاہ کے حضُور حاضِر رہتے تھے اُن میں سے سات آدمِیوں کو جو شہر میں مِلے اور لشکر کے سردار کے مُحرِّر کو جو اہلِ مُلک کی مَوجُودات لیتا تھا اور مُلک کے آدمِیوں میں سے ساٹھ آدمِیوں کو جو شہر میں مِلے۔ 26 اِن کو جلَوداروں کا سردار نبُوزر ادان پکڑ کر شاہِ بابل کے حضُور رِبلہ میں لے گیا۔ 27 اور شاہِ بابل نے حمات کے عِلاقہ کے رِبلہ میں اِن کو قتل کِیا۔
سو یہُوداؔہ اپنے مُلک سے اسِیر ہو کر چلا گیا۔ 28 یہ وہ لوگ ہیں جن کو نبُوکدؔرضر اسِیر کر کے لے گیا۔ ساتویں برس میں تِین ہزار تیئِیس یہُودی۔ 29 نبُوکدؔرضر کے اٹّھارھویں برس میں وہ یروشلیِم کے باشِندوں میں سے آٹھ سَو بتِّیس آدمی اسِیر کر کے لے گیا۔ 30 نبُوکدؔرضر کے تیئِیسویں برس میں جلَوداروں کا سردار نبُوزر ادان سات سَو پَینتالِیس آدمی یہُودِیوں میں سے پکڑ کر لے گیا۔ یہ سب آدمی چار ہزار چھ سَو تھے۔
31 اور یہُویاؔکِین شاہِ یہُوداؔہ کی اَسِیری کے سَینتِیسویں برس کے بارھویں مہِینے کے پچِّیسویں دِن یُوں ہُؤا کہ شاہِ بابل اوِیل مُرودک نے اپنی سلطنت کے پہلے سال یہُویاؔکِین شاہِ یہُوداؔہ کو قَید خانہ سے نِکال کر سرفراز کِیا۔ 32 اور اُس کے ساتھ مِہربانی سے باتیں کِیں اور اُس کی کُرسی اُن سب بادشاہوں کی کُرسِیوں سے جو اُس کے ساتھ بابل میں تھے بُلند کی۔ 33 وہ اپنے قَید خانہ کے کپڑے بدل کر عُمر بھر برابر اُس کے حضُور کھانا کھاتا رہا۔ 34 اور اُس کو عُمر بھر یعنی مَرنے تک شاہِ بابل کی طرف سے وظِیفہ کے طَور پر ہر روز رسد مِلتی رہی۔