Calvary Pentecostal Theological Seminary Pakistan

Urdu Bible

Home Churches Seminary The Bible Books Prayer Request About Us Contact Us

یشُوع


خُدا یشُوع کو مُلکِ کنعانؔ فتح کرنے کا حُکم دیتا ہے
1اور خُداوند کے بندہ مُوسیٰ کی وفات کے بعد اَیسا ہُؤا کہ خُداوند نے اُس کے خادِم نُون کے بیٹے یشُوؔع سے کہا۔ 2میرا بندہ مُوسیٰ مَر گیا ہے سو اب تُو اُٹھ اور اِن سب لوگوں کو ساتھ لے کر اِس یَردن کے پار اُس مُلک میں جا جِسے مَیں اُن کو یعنی بنی اِسرائیل کو دیتا ہُوں۔ 3جِس جِس جگہ تُمہارے پاؤں کا تلوا ٹِکے اُس کو جَیسا مَیں نے مُوسیٰ سے کہا مَیں نے تُم کو دِیا ہے۔ 4بیابان اور اُس لُبناؔن سے لے کر بڑے دریا یعنی دریایِ فرات تک حِتّیوں کا سارا مُلک اور مغرِب کی طرف بڑے سمُندر تک تُمہاری حد ہو گی۔ 5تیری زِندگی بھر کوئی شخص تیرے سامنے کھڑا نہ رہ سکے گا۔ جَیسے مَیں مُوسیٰ کے ساتھ تھا وَیسے ہی تیرے ساتھ رہُوں گا۔ مَیں نہ تُجھ سے دست بردار ہُوں گا اور نہ تُجھے چھوڑُوں گا۔ 6سو مضبُوط ہو جا اور حَوصلہ رکھ کیونکہ تُو اِس قَوم کو اُس مُلک کا وارِث کرائے گا جِسے مَیں نے اُن کو دینے کی قَسم اُن کے باپ دادا سے کھائی۔ 7تُو فقط مضبُوط اور نِہایت دِلیر ہو جا کہ اِحتیاط رکھ کر اُس ساری شرِیعت پر عمل کرے جِس کا حُکم میرے بندہ مُوسیٰ نے تُجھ کو دِیا۔ اُس سے نہ دہنے ہاتھ مُڑنا اور نہ بائیں تاکہ جہاں کہِیں تُو جائے تُجھے خُوب کامیابی حاصِل ہو۔ 8شرِیعت کی یہ کِتاب تیرے مُنہ سے نہ ہٹے بلکہ تُجھے دِن اور رات اِسی کا دھیان ہو تاکہ جو کُچھ اِس میں لِکھا ہے اُس سب پر تُو اِحتیاط کر کے عمل کر سکے کیونکہ تب ہی تُجھے اِقبال مندی کی راہ نصِیب ہو گی اور تُو خُوب کامیاب ہو گا۔ 9کیا مَیں نے تُجھ کو حُکم نہیں دِیا؟ سو مضبُوط ہو جا اور حَوصلہ رکھ خَوف نہ کھا اور بے دِل نہ ہو کیونکہ خُداوند تیرا خُدا جہاں جہاں تُو جائے تیرے ساتھ رہے گا۔
یشُوع لوگوں کو حُکم دیتا ہے
10تب یشُوع نے لوگوں کے منصبداروں کو حُکم دِیا کہ 11تُم لشکر کے بِیچ سے ہو کر گُذرو اور لوگوں کو یہ حُکم دو کہ تُم اپنے اپنے لِئے زادِ راہ تیّار کر لو کیونکہ تِین دِن کے اندر تُم کو اِس یَردن کے پار ہو کر اُس مُلک پر قبضہ کرنے کو جانا ہے جِسے خُداوند تُمہارا خُدا تُم کو دیتا ہے تاکہ تُم اُس کے مالِک ہو جاؤ۔
12اور بنی رُوبِن اور بنی جد اور منسّی کے نِصف قبِیلہ سے یشُوع نے یہ کہا کہ 13اُس بات کو جِس کا حُکم خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے تُم کو دِیا یاد رکھنا کہ خُداوند تُمہارا خُدا تُم کو آرام بخشتا ہے اور وہ یہ مُلک تُم کو دے گا۔ 14تُمہاری بِیویاں اور تُمہارے بال بچّے اور چَوپائے اِسی مُلک میں جِسے مُوسیٰ نے یَردن کے اِس پار تُم کو دِیا ہے رہیں پر تُم سب جِتنے بہادُر اور سُورما ہو مُسلّح ہو کر اپنے بھائِیوں کے آگے آگے پار جاؤ اور اُن کی مدد کرو۔ 15جب تک خُداوند تُمہارے بھائِیوں کو تُمہاری طرح آرام نہ بخشے اور وہ اُس مُلک پر جِسے خُداوند تُمہارا خُدا اُن کو دیتا ہے قبضہ نہ کر لیں۔ بعد میں تُم اپنی مِلکِیّت کے مُلک میں لَوٹنا جِسے خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے یَردن کے اِس پار مشرِق کی طرف تُم کو دِیا ہے اور اُس کے مالِک ہونا۔
16اور اُنہوں نے یشُوع کو جواب دِیا کہ جِس جِس بات کا تُو نے ہم کو حُکم دِیا ہے ہم وہ سب کریں گے اور جہاں جہاں تُو ہم کو بھیجے وہاں ہم جائیں گے۔ 17جَیسے ہم سب امُور میں مُوسیٰ کی بات سُنتے تھے وَیسے ہی تیری سُنیں گے۔ فقط اِتنا ہو کہ خُداوند تیرا خُدا جِس طرح مُوسیٰ کے ساتھ رہتا تھا تیرے ساتھ بھی رہے۔ 18جو کوئی تیرے حُکم کی مُخالفت کرے اور سب مُعاملوں میں جِن کی تُو تاکِید کرے تیری بات نہ مانے وہ جان سے مارا جائے۔ تُو فقط مضبُوط ہو جا اور حَوصلہ رکھ۔
یشُوع یرِیحُو میں جاسُوس بھیجتا ہے
1تب نُون کے بیٹے یشُوؔع نے شِطِّیم سے دو مَردوں کو چُپکے سے جاسُوس کے طَور پر بھیجا اور اُن سے کہا کہ جا کر اُس مُلک کو اور یرِیحوُ کو دیکھو بھالو۔ چُنانچہ وہ روانہ ہُوئے اور ایک کسبی کے گھر میں جِس کا نام راحب تھا آئے اور وہِیں سوئے۔ 2اور یرِیحوُ کے بادشاہ کو خبر مِلی کہ دیکھ آج کی رات بنی اِسرائیل میں سے چند آدمی اِس مُلک کی جاسُوسی کرنے کو یہاں آئے ہیں۔ 3اور یرِیحوُ کے بادشاہ نے راحب کو کہلا بھیجا کہ اُن لوگوں کو جو تیرے پاس آئے اور تیرے گھر میں داخِل ہُوئے ہیں نِکال لا اِس لِئے کہ وہ اِس سارے مُلک کی جاسُوسی کرنے کو آئے ہیں۔
4تب اُس عَورت نے اُن دونوں مَردوں کو لے کر اور اُن کو چِھپا کر یُوں کہہ دِیا کہ وہ مَرد میرے پاس آئے تو تھے پر مُجھے معلُوم نہ ہُؤا کہ وہ کہاں کے تھے۔ 5اور پھاٹک بند ہونے کے وقت کے قرِیب جب اندھیرا ہو گیا وہ مَرد چل دِئے اور مَیں نہیں جانتی ہُوں کہ وہ کہاں گئے۔ سو جلد اُن کا پِیچھا کرو کیونکہ تُم ضرُور اُن کو جا لو گے۔ 6لیکن اُس نے اُن کو اپنی چھت پر چڑھا کر سَن کی لکڑِیوں کے نِیچے جو چھت پر ترتِیب سے دھری تِھیں چِھپا دِیا تھا۔ 7اور یہ لوگ یَردن کے راستہ پر پایابوں تک اُن کے پِیچھے گئے اور جُوں ہی اُن کا پِیچھا کرنے والے پھاٹک سے نِکلے اُنہوں نے پھاٹک بند کر لِیا۔
8تب راحب چھت پر اُن مَردوں کے لیٹ جانے سے پہلے اُن کے پاس گئی۔ 9اور اُن سے یُوں کہنے لگی کہ مُجھے یقِین ہے کہ خُداوند نے یہ مُلک تُم کو دِیا ہے اور تُمہارا رُعب ہم لوگوں پر چھا گیا ہے اور اِس مُلک کے سب باشِندے تُمہارے آگے گُھلے جا رہے ہیں۔ 10کیونکہ ہم نے سُن لِیا ہے کہ جب تُم مِصرؔ سے نِکلے تو خُداوند نے تُمہارے آگے بحرِ قُلزم کے پانی کو سُکھا دِیا اور تُم نے امورِیوں کے دونوں بادشاہوں سِیحوؔن اور عوج سے جو یَردن کے اُس پار تھے اور جِن کو تُم نے بِالکُل ہلاک کر ڈالا کیا کیا کِیا۔ 11یہ سب کُچھ سُنتے ہی ہمارے دِل پِگھل گئے اور تُمہارے باعِث پِھر کِسی شخص میں جان باقی نہ رہی کیونکہ خُداوند تُمہارا خُدا ہی اُوپر آسمان کا اور نِیچے زمِین کا خُدا ہے۔ 12سو اب مَیں تُمہاری مِنّت کرتی ہُوں کہ مُجھ سے خُداوند کی قَسم کھاؤ کہ چُونکہ مَیں نے تُم پر مِہربانی کی ہے تُم بھی میرے باپ کے گھرانے پر مِہربانی کرو گے اور مُجھے کوئی سچّا نِشان دو۔ 13کہ تُم میرے باپ اور ماں اور بھائِیوں اور بہنوں کو اور جو کُچھ اُن کا ہے سب کو سلامت بچا لو گے اور ہماری جانوں کو مَوت سے محفُوظ رکھّو گے۔
14اُن مَردوں نے اُس سے کہا کہ ہماری جان تُمہاری جان کی کفِیل ہو گی بشرطیکہ تُم ہمارے اِس کام کا ذِکر نہ کر دو اور اَیسا ہو گا کہ جب خُداوند اِس مُلک کو ہمارے قبضہ میں کر دے گا تو ہم تیرے ساتھ مِہربانی اور وفاداری سے پیش آئیں گے۔
15تب اُس عَورت نے اُن کو کِھڑکی کے راستہ رسّی سے نِیچے اُتار دِیا کیونکہ اُس کا گھر شہر کی دِیوار پر بنا تھا اور وہ دِیوار پر رہتی تھی۔ 16اور اُس نے اُن سے کہا کہ پہاڑ کو چل دو تا نہ ہو کہ پِیچھا کرنے والے تُم کو مِل جائیں اور تِین دِن تک وہِیں چِھپے رہنا جب تک پِیچھا کرنے والے لَوٹ نہ آئیں۔ اِس کے بعد اپنا راستہ لینا۔
17تب اُن مَردوں نے اُس سے کہا کہ ہم تو اُس قَسم کی طرف سے جو تُو نے ہم کو کِھلائی ہے بے اِلزام رہیں گے۔ 18سو دیکھ! جب ہم اِس مُلک میں آئیں تو تُو سُرخ رنگ کے سُوت کی اِس ڈوری کو اُس کِھڑکی میں جِس سے تُو نے ہم کو نِیچے اُتارا ہے باندھ دینا اور اپنے باپ اور ماں اور بھائِیوں بلکہ اپنے باپ کے سارے گھرانے کو اپنے پاس گھر میں جمع کر رکھنا۔ 19پِھر جو کوئی تیرے گھر کے دروازوں سے نِکل کر گلی میں جائے اُس کا خُون اُسی کے سر پر ہو گا اور ہم بے گُناہ ٹھہریں گے اور جو کوئی تیرے ساتھ گھر میں ہو گا اُس پر اگر کِسی کا ہاتھ چلے تو اُس کا خُون ہمارے سر پر ہو گا۔ 20اور اگر تُو ہمارے اِس کام کا ذِکر کر دے تو ہم اُس قَسم کی طرف سے جو تُو نے ہم کو کِھلائی ہے بے اِلزام ہو جائیں گے۔ 21اُس نے کہا جَیسا تُم کہتے ہو وَیسا ہی ہو۔ سو اُس نے اُن کو روانہ کِیا اور وہ چل دِئے۔ تب اُس نے سُرخ رنگ کی وہ ڈوری کِھڑکی میں باندھ دی۔
22اور وہ جا کر پہاڑ پر پُہنچے اور تِین دِن تک وہِیں ٹھہرے رہے جب تک اُن کا پِیچھا کرنے والے لَوٹ نہ آئے اور اُن پِیچھا کرنے والوں نے اُن کو سارے راستے ڈُھونڈا پر کہِیں نہ پایا۔ 23پِھر یہ دونوں مَرد لَوٹے اور پہاڑ سے اُتر کر پار گئے اور نُون کے بیٹے یشُوع کے پاس جا کر سب کُچھ جو اُن پر گُذرا تھا اُسے بتایا۔ 24اور اُنہوں نے یشُوع سے کہا کہ یقِیناً خُداوند نے وہ سارا مُلک ہمارے قبضہ میں کر دِیا ہے کیونکہ اُس مُلک کے سب باشِندے ہمارے آگے گُھلے جا رہے ہیں۔
بنی اِسرائیل دریائے یَردن کو پار کرتے ہیں
1تب یشُوع صُبح سویرے اُٹھا اور وہ اور سب بنی اِسرائیل شطِّیم سے کُوچ کر کے یَردن پر آئے اور پار اُترنے سے پہلے وہِیں ٹِکے۔ 2اور تِین دِن کے بعد منصب دار لشکر کے بِیچ سے ہو کر گُذرے۔ 3اور اُنہوں نے لوگوں کو حُکم دِیا کہ جب تُم خُداوند اپنے خُدا کے عہد کے صندُوق کو دیکھو اور کاہِن اور لاوی اُسے اُٹھائے ہُوئے ہوں تو تُم اپنی جگہ سے اُٹھ کر اُس کے پِیچھے پِیچھے چلنا۔ 4لیکن تُمہارے اور اُس کے درمِیان پَیمایش کر کے قرِیب دو ہزار ہاتھ کا فاصِلہ رہے۔ اُس کے نزدِیک نہ جانا تاکہ تُم کو معلُوم ہو کہ کِس راستے تُم کو چلنا ہے کیونکہ تُم اب تک اِس راہ سے کبھی نہیں گُذرے۔
5اور یشُوع نے لوگوں سے کہا تُم اپنے آپ کو مُقدّس کرو کیونکہ کل کے دِن خُداوند تُمہارے درمِیان عجِیب و غرِیب کام کرے گا۔ 6پِھر یشُوع نے کاہِنوں سے کہا کہ تُم عہد کے صندُوق کو لے کر لوگوں کے آگے آگے پار اُترو۔ چُنانچہ وہ عہد کے صندُوق کو لے کر لوگوں کے آگے آگے چلے۔
7اور خُداوند نے یشُوع سے کہا آج کے دِن سے مَیں تُجھے سب اِسرائیلِیوں کے سامنے سرفراز کرنا شرُوع کرُوں گا تاکہ وہ جان لیں کہ جَیسے مَیں مُوسیٰ کے ساتھ رہا وَیسے ہی تیرے ساتھ رہُوں گا۔ 8اور تُو اُن کاہِنوں کو جو عہد کے صندُوق کو اُٹھائیں یہ حُکم دینا کہ جب تُم یَردن کے پانی کے کنارے پُہنچو تو یَردن میں کھڑے رہنا۔
9اور یشُوع نے بنی اِسرائیل سے کہا کہ پاس آ کر خُداوند اپنے خُدا کی باتیں سُنو۔ 10اور یشُوع کہنے لگا کہ اِس سے تُم جان لو گے کہ زِندہ خُدا تُمہارے درمِیان ہے اور وُہی ضرُور کنعانیوں اور حتِّیوں اور حویّوں اور فرزیوّں اور جرجاسیوں اور امورِیوں اور یبُوسیوں کو تُمہارے آگے سے دفع کرے گا۔ 11دیکھو ساری زمِین کے مالِک کے عہد کا صندُوق تُمہارے آگے آگے یَردن میں جانے کو ہے۔ 12سو اب تُم ہر قبِیلہ پِیچھے ایک آدمی کے حِساب سے بارہ آدمی اِسرائیلؔ کے قبِیلوں میں سے چُن لو۔ 13اور جب یَردن کے پانی میں اُن کاہِنوں کے پاؤں کے تلوے ٹِک جائیں گے جو خُداوند یعنی ساری دُنیا کے مالِک کے عہد کا صندُوق اُٹھاتے ہیں تو یَردن کا پانی یعنی وہ پانی جو اُوپر سے بہتا ہُؤا نِیچے آتا ہے تھم جائے گا اور اُس کا ڈھیر لگ جائے گا۔
14اور جب لوگوں نے یَردن کے پار جانے کو اپنے ڈیروں سے کُوچ کِیا اور وہ کاہِن جو عہد کا صندُوق اُٹھائے ہُوئے تھے لوگوں کے آگے آگے ہو لِئے۔ 15اور جب عہد کے صندُوق کے اُٹھانے والے یَردن پر پُہنچے اور اُن کاہِنوں کے پاؤں جو صندُوق کو اُٹھائے ہُوئے تھے کنارے کے پانی میں ڈُوب گئے (کیونکہ فصل کے تمام ایّام میں یَردن کا پانی چاروں طرف اپنے کناروں سے اُوپر چڑھ کر بہا کرتا ہے)۔ 16تو جو پانی اُوپر سے آتا تھا وہ خُوب دُور ادم کے پاس جو ضرتاؔن کے برابر ایک شہر ہے رُک کر ایک ڈھیر ہو گیا اور وہ پانی جو مَیدان کے دریا یعنی دریایِ شور کی طرف بہہ کر گیا تھا بِالکُل الگ ہو گیا اور لوگ عَین یرِیحوُ کے مُقابِل پار اُترے۔ 17اور وہ کاہِن جو خُداوند کے عہد کا صندُوق اُٹھائے ہُوئے تھے یَردن کے بِیچ میں سُوکھی زمِین پر کھڑے رہے اور سب اِسرائیلی خُشک زمِین پر ہو کر گُذرے۔ یہاں تک کہ ساری قَوم صاف یَردن کے پار ہو گئی۔
یادگاری پتھّر نصب کِئے جاتے ہیں
1اور جب ساری قَوم یَردن کے پار ہو گئی تو خُداوند نے یشُوؔع سے کہا کہ 2قبِیلہ پِیچھے ایک آدمی کے حِساب سے بارہ آدمی لوگوں میں سے چُن لو۔ 3اور اُن کو حُکم دو کہ تُم یَردن کے بِیچ میں سے جہاں کاہِنوں کے پاؤں جمے ہُوئے تھے بارہ پتّھر لو اور اُن کو اپنے ساتھ لے جا کر اُس منزِل پر جہاں تُم آج کی رات ٹِکو گے رکھ دینا۔
4تب یشُوع نے اُن بارہ آدمِیوں کو جِن کو اُس نے بنی اِسرائیل میں سے قبِیلہ پِیچھے ایک آدمی کے حِساب سے تیّار کر رکھّا تھا بُلایا۔ 5اور یشُوع نے اُن سے کہا تُم خُداوند اپنے خُدا کے عہد کے صندُوق کے آگے آگے یَردن کے بِیچ میں جاؤ اور تُم میں سے ہر شخص بنی اِسرائیل کے قبِیلوں کے شُمار کے مُطابِق ایک ایک پتّھر اپنے اپنے کندھے پر اُٹھا لے۔ 6تاکہ یہ تُمہارے درمِیان ایک نِشان ہو اور جب تُمہاری اَولاد آیندہ زمانہ میں تُم سے پُوچھے کہ اِن پتّھروں سے تُمہارا مطلب کیا ہے؟ 7تو تُم اُن کو جواب دینا کہ یَردن کا پانی خُداوند کے عہد کے صندُوق کے آگے دو حِصّے ہو گیا تھا کیونکہ جب وہ یَردن پار آ رہا تھا تب یَردن کا پانی دو حِصّے ہو گیا۔ یُوں یہ پتّھر ہمیشہ کے لِئے بنی اِسرائیل کے واسطے یادگار ٹھہریں گے۔
8چُنانچہ بنی اِسرائیل نے یشُوع کے حُکم کے مُطابِق کِیا اور جَیسا خُداوند نے یشُوع سے کہا تھا اُنہوں نے بنی اِسرائیل کے قبِیلوں کے شُمار کے مُطابِق یَردن کے بِیچ میں سے بارہ پتّھر اُٹھا لِئے اور اُن کو اُٹھا کر اپنے ساتھ اُس جگہ لے گئے جہاں وہ ٹِکے اور وہِیں اُن کو رکھ دِیا۔ 9اور یشُوع نے یَردن کے بِیچ میں اُس جگہ جہاں عہد کے صندُوق کے اُٹھانے والے کاہِنوں نے پاؤں جمائے تھے بارہ پتّھر نصب کِئے چُنانچہ وہ آج کے دِن تک وہِیں ہیں۔ 10کیونکہ وہ کاہِن جو صندُوق کو اُٹھائے ہُوئے تھے یَردن کے بِیچ ہی میں کھڑے رہے جب تک اُن سب باتوں کے مُطابِق جِن کا حُکم مُوسیٰ نے یشُوع کو دِیا تھا ہر ایک بات پُوری نہ ہو چُکی جِسے لوگوں کو بتانے کا حُکم خُداوند نے یشُوع کو کِیا تھا
اور لوگوں نے جلدی کی اور پار اُترے۔ 11اور اَیسا ہُؤا کہ جب سب لوگ صاف پار ہو گئے تو خُداوند کا صندُوق اور کاہِن بھی لوگوں کے رُوبرُو پار ہُوئے۔ 12اور بنی رُوبِن اور بنی جد اور منسّی کے آدھے قبِیلہ کے لوگ مُوسیٰ کے کہنے کے مُطابِق ہتھیار باندھے ہُوئے بنی اِسرائیل کے آگے پار گئے۔ 13یعنی قرِیب چالِیس ہزار آدمی لڑائی کے لِئے تیّار اور مُسلّح خُداوند کے حضُور پار ہو کر یرِیحُو کے مَیدانوں میں پُہنچے تاکہ جنگ کریں۔ 14اُس دِن خُداوند نے سب اِسرائیلِیوں کے سامنے یشُوع کو سرفراز کِیا اور جَیسے وہ مُوسیٰ سے ڈرتے تھے وَیسے ہی اُس سے اُس کی زِندگی بھر ڈرتے رہے۔
15اور خُداوند نے یشُوع سے کہا کہ 16اِن کاہِنوں کو جو عہد کا صندُوق اُٹھائے ہُوئے ہیں حُکم کر کہ وہ یَردن میں سے نِکل آئیں۔ 17چُنانچہ یشُوع نے کاہِنوں کو حُکم دِیا کہ یَردن میں سے نِکل آؤ۔ 18اور جب وہ کاہِن جو خُداوند کے عہد کا صندُوق اُٹھائے ہُوئے تھے یَردن کے بِیچ میں سے نِکل آئے اور اُن کے پاؤں کے تلوے خُشکی پر آ ٹِکے تو یَردن کا پانی پِھر اپنی جگہ پر آ گیا اور پہلے کی طرح اپنے سب کناروں پر بہنے لگا۔
19اور لوگ پہلے مہِینے کی دسوِیں تارِیخ کو یَردن میں سے نِکل کر یرِیحُو کی مشرِقی سرحد پر جِلجاؔل میں خَیمہ زن ہُوئے۔ 20اور یشُوع نے اُن بارہ پتّھروں کو جِن کو اُنہوں نے یَردن میں سے لِیا تھا جِلجاؔل میں نصب کِیا۔ 21اور اُس نے بنی اِسرائیل سے کہا کہ جب تُمہارے لڑکے آیندہ زمانہ میں اپنے اپنے باپ دادا سے پُوچھیں کہ اِن پتّھروں کا مطلب کیا ہے؟ 22تو تُم اپنے لڑکوں کو یِہی بتانا کہ اِسرائیلی خُشکی خُشکی ہو کر اِس یَردن کے پار آئے تھے۔ 23کیونکہ خُداوند تُمہارے خُدا نے جب تک تُم پار نہ ہو گئے یَردن کے پانی کو تُمہارے سامنے سے ہٹا کر سُکھا دِیا جَیسا خُداوند تُمہارے خُدا نے بحرِ قُلزم سے کِیا کہ اُسے ہمارے سامنے سے ہٹا کر سُکھا دِیا جب تک ہم پار نہ ہو گئے۔ 24تاکہ زمِین کی سب قَومیں جان لیں کہ خُداوند کا ہاتھ قَوّی ہے اور وہ خُداوند تُمہارے خُدا سے ہمیشہ ڈرتی رہیں۔
1اور جب اُن امورِیوں کے سب بادشاہوں نے جو یَردن کے پار مغرِب کی طرف تھے اور اُن کنعانِؔیوں کے تمام بادشاہوں نے جو سمُندر کے نزدِیک تھے سُنا کہ خُداوند نے بنی اِسرائیل کے سامنے سے یَردن کے پانی کو ہٹا کر سُکھا دِیا جب تک ہم پار نہ آ گئے تو اُن کے دِل پِگھل گئے اور اُن میں بنی اِسرائیل کے سبب سے جان باقی نہ رہی۔
جِلجاؔل کے مقام پر خَتنہ
2اُس وقت خُداوند نے یشُوع سے کہا کہ چقمق کی چُھرِیاں بنا کر بنی اِسرائیل کا خَتنہ پِھر دُوسری بار کر دے۔ 3اور یشُوع نے چقمق کی چُھرِیاں بنائِیں اور کھلڑِیوں کی پہاڑی پر بنی اِسرائیل کا خَتنہ کِیا۔ 4اور یشُوع نے جو خَتنہ کِیا اُس کا سبب یہ ہے کہ وہ لوگ جو مِصرؔ سے نِکلے اُن میں جِتنے جنگی مَرد تھے وہ سب بیابان میں مِصرؔ سے نِکلنے کے بعد راستہ ہی میں مر گئے۔ 5پس وہ سب لوگ جو نِکلے تھے اُن کا خَتنہ ہو چُکا تھا پر وہ سب لوگ جو بیابان میں مِصرؔ سے نِکلنے کے بعد راستہ ہی میں پَیدا ہُوئے تھے اُن کا خَتنہ نہیں ہُؤا تھا۔ 6کیونکہ بنی اِسرائیل چالِیس برس تک بیابان میں پِھرتے رہے جب تک ساری قَوم یعنی سب جنگی مَرد جو مِصرؔ سے نِکلے تھے فنا نہ ہو گئے۔ اِس لِئے کہ اُنہوں نے خُداوند کی بات نہیں مانی تھی۔ اُن ہی سے خُداوند نے قَسم کھا کر کہا تھا کہ وہ اُن کو اُس مُلک کو دیکھنے بھی نہ دے گا جِسے ہم کو دینے کی قَسم اُس نے اُن کے باپ دادا سے کھائی اور جہاں دُودھ اور شہد بہتا ہے۔ 7سو اُن ہی کے لڑکوں کا جِن کو اُس نے اُن کی جگہ برپا کِیا تھا یشُوع نے خَتنہ کِیا کیونکہ وہ نامختُون تھے اِس لِئے کہ راستہ میں اُن کا خَتنہ نہیں ہُؤا تھا۔
8اور جب سب لوگوں کا خَتنہ کر چُکے تو یہ لوگ خَیمہ گاہ میں اپنی اپنی جگہ رہے جب تک اچّھے نہ ہو گئے۔ 9پِھر خُداوند نے یشُوع سے کہا کہ آج کے دِن مَیں نے مِصرؔ کی ملامت کو تُم پر سے ڈُھلکا دِیا۔ اِسی سبب سے آج کے دِن تک اُس جگہ کا نام جِلجاؔل ہے۔
10اور بنی اِسرائیل نے جِلجاؔل میں ڈیرے ڈال لِئے اور اُنہوں نے یرِیحُو کے مَیدانوں میں اُسی مہِینے کی چَودھوِیں تارِیخ کو شام کے وقت عِیدِ فَسح منائی۔ 11اور عِیدِ فَسح کے دُوسرے دِن اُس مُلک کے پُرانے اناج کی بے خمِیری روٹِیاں اور اُسی روز بُھنی ہُوئی بالیں بھی کھائِیں۔ 12اور دُوسرے ہی دِن سے اُن کے اُس مُلک کے پُرانے اناج کے کھانے کے بعد مَنّ مَوقُوف ہو گیا اور آگے پِھر بنی اِسرائیل کو مَنّ کبھی نہ مِلا لیکن اُس سال اُنہوں نے مُلکِ کنعاؔن کی پَیداوار کھائی۔
یشُوع اور تلوار بردار آدمی
13اور جب یشُوع یرِیحُو کے نزدِیک تھا تو اُس نے اپنی آنکھیں اُٹھائِیں اور کیا دیکھا کہ اُس کے مُقابِل ایک شخص ہاتھ میں اپنی ننگی تلوار لِئے کھڑا ہے اور یشُوع نے اُس کے پاس جا کر اُس سے کہا تُو ہماری طرف ہے یا ہمارے دُشمنوں کی طرف؟
14اُس نے کہا نہیں بلکہ مَیں اِس وقت خُداوند کے لشکر کا سردار ہو کر آیا ہُوں۔
تب یشُوع نے زمِین پر سرنِگُوں ہو کر سِجدہ کِیا اور اُس سے کہا کہ میرے مالِک کا اپنے خادِم سے کیا اِرشاد ہے؟
15اور خُداوند کے لشکر کے سردار نے یشُوع سے کہا کہ تُو اپنے پاؤں سے اپنی جُوتی اُتار دے کیونکہ یہ جگہ جہاں تُو کھڑا ہے مُقدّس ہے۔ سو یشُوع نے اَیسا ہی کِیا۔
سقُوطِ یرِیحُو
1(اور یرِیحُو بنی اِسرائیل کے سبب سے نِہایت مضبُوطی سے بند تھا اور نہ تو کوئی باہر جاتا اور نہ کوئی اندر آتا تھا)۔ 2اور خُداوند نے یشُوع سے کہا کہ دیکھ مَیں نے یرِیحُو کو اور اُس کے بادشاہ اور زبردست سُورماؤں کو تیرے ہاتھ میں کر دِیا ہے۔ 3سو تُم سب جنگی مَرد شہر کو گھیر لو اور ایک دفعہ اُس کے چَوگِرد گشت کرو۔ چھ دِن تک تُم اَیسا ہی کرنا۔ 4اور سات کاہِن صندُوق کے آگے آگے مینڈھوں کے سِینگوں کے سات نرسِنگے لِئے ہُوئے چلیں اور ساتویں دِن تُم شہر کی چاروں طرف سات بار گُھومنا اور کاہِن نرسِنگے پُھونکیں۔ 5اور یُوں ہو گا کہ جب وہ مینڈھے کے سِینگ کو زور سے پُھونکیں اور تُم نرسِنگے کی آواز سُنو تو سب لوگ نِہایت زور سے للکاریں۔ تب شہر کی دِیوار بِالکُل گِر جائے گی اور لوگ اپنے اپنے سامنے سِیدھے چڑھ جائیں۔
6اور نُون کے بیٹے یشُوع نے کاہِنوں کو بُلا کر اُن سے کہا کہ عہد کے صندُوق کو اُٹھاؤ اور سات کاہِن مینڈھوں کے سِینگوں کے سات نرسِنگے لِئے ہُوئے خُداوند کے صندُوق کے آگے آگے چلیں۔ 7اور اُنہوں نے لوگوں سے کہا بڑھ کر شہر کو گھیر لو اور جو آدمی مُسلّح ہیں وہ خُداوند کے صندُوق کے آگے آگے چلیں۔
8اور جب یشُوع لوگوں سے یہ باتیں کہہ چُکا تو سات کاہِن مینڈھوں کے سِینگوں کے سات نرسِنگے لِئے ہُوئے خُداوند کے آگے آگے چلے اور وہ نرسِنگے پُھونکتے گئے اور خُداوند کے عہد کا صندُوق اُن کے پِیچھے پِیچھے چلا۔ 9اور وہ مُسلّح آدمی اُن کاہِنوں کے آگے آگے چلے جو نرسِنگے پُھونک رہے تھے اور دُنبالہ صندُوق کے پِیچھے پِیچھے چلا اور کاہِن چلتے چلتے نرسِنگے پُھونکتے جاتے تھے۔ 10اور یشُوع نے لوگوں کو یہ حُکم دِیا کہ نہ تو تُم للکارنا اور نہ تُمہاری آواز سُنائی دے اور نہ تُمہارے مُنہ سے کوئی بات نِکلے۔ جب مَیں تُم کو للکارنے کو کہُوں تب تُم للکارنا۔ 11سو اُس نے خُداوند کے صندُوق کو شہر کے گِرد ایک بار پِھروایا۔ تب وہ خَیمہ گاہ میں آئے اور وہِیں رات کاٹی۔
12اور یشُوع صُبح سویرے اُٹھا اور کاہِنوں نے خُداوند کا صندُوق اُٹھا لِیا۔ 13اور وہ سات کاہِن مینڈھوں کے سِینگوں کے سات نرسِنگے لِئے ہُوئے خُداوند کے صندُوق کے آگے آگے برابر چلتے اور نرسِنگے پُھونکتے جاتے تھے اور وہ مُسلّح آدمی آگے آگے ہو لِئے اور دُنبالہ خُداوند کے صندُوق کے پِیچھے پِیچھے چلا اور کاہِن چلتے چلتے نرسِنگے پُھونکتے جاتے تھے۔ 14اور دُوسرے دِن بھی وہ ایک بار شہر کے گِرد گُھوم کر خَیمہ گاہ میں پِھر آئے۔ اُنہوں نے چھ دِن تک اَیسا ہی کِیا۔
15اور ساتویں دِن یُوں ہُؤا کہ وہ صبُح کو پَو پھٹنے کے وقت اُٹھے اور اُسی طرح شہر کے گِرد سات بار پِھرے۔ سات بار شہر کے گِرد فقط اُسی دِن پِھرے۔ 16اور ساتوِیں بار اَیسا ہُؤا کہ جب کاہِنوں نے نرسِنگے پُھونکے تو یشُوع نے لوگوں سے کہا للکارو! کیونکہ خُداوند نے یہ شہر تُم کو دے دِیا ہے۔ 17اور وہ شہر اور جو کُچھ اُس میں ہے سب خُداوند کی خاطِر نیست ہو گا۔ فقط راحب کسبی اور جِتنے اُس کے ساتھ اُس کے گھر میں ہوں وہ سب جِیتے بچیں گے۔ اِس لِئے کہ اُس نے اُن قاصِدوں کو جِن کو ہم نے بھیجا چِھپا رکھّا تھا۔ 18اور تُم بہر حال اپنے آپ کو مخصُوص کی ہُوئی چِیزوں سے بچائے رکھنا۔ اَیسا نہ ہو کہ اُن کو مخصُوص کرنے کے بعد تُم کِسی مخصُوص کی ہُوئی چِیز کو لو اور یُوں اِسرائیلؔ کی خَیمہ گاہ کو لَعنتی کر ڈالو اور اُسے دُکھ دو۔ 19لیکن سب چاندی اور سونا اور وہ برتن جو پِیتل اور لوہے کے ہوں خُداوند کے لِئے مُقدّس ہیں۔ سو وہ خُداوند کے خزانہ میں داخِل کِئے جائیں۔
20پس لوگوں نے للکارا اور کاہِنوں نے نرسِنگے پُھونکے اور اَیسا ہُؤا کہ جب لوگوں نے نرسِنگے کی آواز سُنی تو اُنہوں نے بُلند آواز سے للکارا اور دِیوار بِالکُل گِر پڑی اور لوگوں میں سے ہر ایک آدمی اپنے سامنے سے چڑھ کر شہر میں گُھسا اور اُنہوں نے اُس کو لے لِیا۔ 21اور اُنہوں نے اُن سب کو جو شہر میں تھے کیا مَرد کیا عَورت کیا جوان کیا بُڈّھے کیا بَیل کیا بھیڑ کیا گدھے سب کو تلوار کی دھار سے بِالکُل نیست کر دِیا۔
22اور یشُوع نے اُن دونوں آدمِیوں سے جِنہوں نے اُس مُلک کی جاسُوسی کی تھی کہا کہ اُس کسبی کے گھر جاؤ اور وہاں سے جَیسی تُم نے اُس سے قَسم کھائی ہے اُس کے مُطابِق اُس عَورت کو اور جو کُچھ اُس کے پاس ہے سب کو نِکال لاؤ۔ 23تب وہ دونوں جوان جاسُوس اندر گئے اور راحب کو اور اُس کے باپ اور اُس کی ماں اور اُس کے بھائِیوں کو اور اُس کے اسباب بلکہ اُس کے سارے خاندان کو نِکال لائے اور اُن کو بنی اِسرائیل کی خَیمہ گاہ کے باہر بِٹھا دِیا۔ 24پِھر اُنہوں نے اُس شہر کو اور جو کُچھ اُس میں تھا سب کو آگ سے پُھونک دِیا اور فقط چاندی اور سونے کو اور پِیتل اور لوہے کے برتنوں کو خُداوند کے گھر کے خزانہ میں داخِل کِیا۔ 25لیکن یشُوع نے راحب کسبی اور اُس کے باپ کے گھرانے کو اور جو کُچھ اُس کا تھا سب کو سلامت بچا لِیا۔ اُس کی بُود و باش آج کے دِن تک اِسرائیلؔ میں ہے کیونکہ اُس نے اُن قاصِدوں کو جِن کو یشُوع نے یرِیحُو میں جاسُوسی کے لِئے بھیجا تھا چِھپا رکھّا تھا۔
26اور یشُوع نے اُس وقت اُن کو قَسم دے کر تاکِید کی اور کہا کہ جو شخص اُٹھ کر اِس یرِیحُو شہر کو پِھر بنائے وہ خُداوند کے حضُور ملعُون ہو
وہ اپنے پہلوٹھے کو اُس کی نیو ڈالتے وقت
اور اپنے سب سے چھوٹے بیٹے کو اُس کے پھاٹک لگواتے وقت کھو بَیٹھے گا۔
27سو خُداوند یشُوع کے ساتھ تھا اور اُس سارے مُلک میں اُس کی شُہرت پَھیل گئی۔
عکن کا گُناہ
1لیکن بنی اِسرائیل نے مخصُوص کی ہُوئی چِیز میں خیانت کی کیونکہ عکن بِن کرمی بِن زبدؔی بِن زارح نے جو یہُوداؔہ کے قبِیلہ کا تھا اُن مخصُوص کی ہُوئی چِیزوں میں سے کُچھ لے لِیا۔ سو خُداوند کا قہر بنی اِسرائیل پر بھڑکا۔
2اور یشُوع نے یرِیحُو سے عی کو جو بَیت ایل کی مشرِقی سمت میں بَیت آوؔن کے قرِیب واقِع ہے کُچھ لوگ یہ کہہ کر بھیجے کہ جا کر مُلک کا حال دریافت کرو اور اِن لوگوں نے جا کر عی کا حال دریافت کِیا۔ 3اور وہ یشُوؔع کے پاس لَوٹے اور اُس سے کہا سب لوگ نہ جائیں۔ فقط دو تِین ہزار مَرد چڑھ جائیں اور عی کو مار لیں۔ سب لوگوں کو وہاں جانے کی تکلِیف نہ دے کیونکہ وہ تھوڑے سے ہیں۔ 4چُنانچہ لوگوں میں سے تِین ہزار مَرد کے قرِیب وہاں چڑھ گئے اور عی کے لوگوں کے سامنے سے بھاگ آئے۔ 5اور عی کے لوگوں نے اُن میں سے کوئی چھتِّیس آدمی مار لِئے اور پھاٹک کے سامنے سے لے کر شبرِؔیم تک اُن کو کھدیڑتے آئے اور اُتار پر اُن کو مارا۔ سو اُن لوگوں کے دِل پِگھل کر پانی کی طرح ہو گئے۔
6تب یشُوؔع اور سب اِسرائیلی بزُرگوں نے اپنے اپنے کپڑے پھاڑے اور خُداوند کے عہد کے صندُوق کے آگے شام تک زمِین پر اَوندھے پڑے رہے اور اپنے اپنے سر پر خاک ڈالی۔ 7اور یشُوع نے کہا ہائے اَے مالِک خُداوند! تُو ہم کو امورِیوں کے ہاتھ میں حوالہ کر کے ہمارا ناس کرانے کی خاطِر اِس قَوم کو یَردن کے اِس پار کیوں لایا؟ کاش کہ ہم قناعت کرتے اور یَردن کے اُس پار ہی بُود و باش کرتے۔ 8اَے مالِک اِسرائیلِیوں کے اپنے دُشمنوں کے آگے پِیٹھ پھیر دینے کے بعد مَیں کیا کہُوں! 9کیونکہ کنعانی اور اِس مُلک کے سب باشِندے یہ سُن کر ہم کو گھیر لیں گے اور ہمارا نام زمِین پر سے مِٹا ڈالیں گے۔ پِھر تُو اپنے بزُرگ نام کے لِئے کیا کرے گا؟
10اور خُداوند نے یشُوع سے کہا اُٹھ کھڑا ہو۔ تُو کیوں اِس طرح اَوندھا پڑا ہے؟ 11اِسرائیلِیوں نے گُناہ کِیا اور اُنہوں نے اُس عہد کو جِس کا مَیں نے اُن کو حُکم دِیا توڑا ہے۔ اُنہوں نے مخصُوص کی ہُوئی چِیزوں میں سے کُچھ لے بھی لِیا اور چوری بھی کی اور رِیاکاری بھی کی اور اپنے اسباب میں اُسے مِلا بھی لِیا ہے۔ 12اِس لِئے بنی اِسرائیل اپنے دُشمنوں کے آگے ٹھہر نہیں سکتے۔ وہ اپنے دُشمنوں کے آگے پِیٹھ پھیرتے ہیں کیونکہ وہ ملعُون ہو گئے۔ مَیں آگے کو تُمہارے ساتھ نہیں رہُوں گا جب تک تُم مخصُوص کی ہُوئی چِیز کو اپنے درمِیان سے نیست نہ کر دو۔ 13اُٹھ لوگوں کو پاک کر اور کہہ کہ تُم اپنے کو کل کے لِئے پاک کرو کیونکہ خُداوند اِسرائیلؔ کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ اَے اِسرائیلِیو! تُمہارے درمِیان مخصُوص کی ہُوئی چِیز مَوجُود ہے۔ تُم اپنے دُشمنوں کے آگے ٹھہر نہیں سکتے جب تک تُم اُس مخصُوص کی ہُوئی چِیز کو اپنے درمِیان سے دُور نہ کر دو۔ 14سو تُم کل صُبح کو اپنے اپنے قبِیلہ کے مُطابِق حاضِر کِئے جاؤ گے اور جِس قبِیلہ کو خُداوند پکڑے وہ ایک ایک خاندان کر کے پاس آئے اور جِس خاندان کو خُداوند پکڑے وہ ایک ایک گھر کر کے پاس آئے اور جِس گھر کو خُداوند پکڑے وہ ایک ایک آدمی کر کے پاس آئے۔ 15تب جو کوئی مخصُوص کی ہُوئی چِیز رکھتا ہُؤا پکڑا جائے وہ اور جو کُچھ اُس کا ہو سب آگ سے جلا دِیا جائے۔ اِس لِئے کہ اُس نے خُداوند کے عہد کو توڑ ڈالا اور بنی اِسرائیل کے درمِیان شرارت کا کام کِیا۔
16پس یشُوع نے صُبح سویرے اُٹھ کر اِسرائیلِیوں کو قبِیلہ بہ قبِیلہ حاضِر کِیا اور یہُوداؔہ کا قبِیلہ پکڑا گیا۔ 17پِھر وہ یہُوداؔہ کے خاندانوں کو نزدِیک لایا اور زارح کا خاندان پکڑا گیا۔ پِھر وہ زارح کے خاندان کے ایک ایک آدمی کو نزدِیک لایا اور زبدؔی پکڑا گیا۔ 18پِھر وہ اُس کے گھرانے کے ایک ایک مَرد کو نزدِیک لایا اور عکن بِن کرمی بِن زبدؔی بِن زارح جو یہُوداؔہ کے قبِیلہ کا تھا پکڑا گیا۔ 19تب یشُوع نے عکن سے کہا اَے میرے فرزند مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں کہ خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا کی تمجِید کر اور اُس کے آگے اِقرار کر۔ اب تُو مُجھے بتا دے کہ تُو نے کیا کِیا ہے اور مُجھ سے مت چِھپا۔
20اور عکن نے یشُوع کو جواب دِیا فی الحقِیقت مَیں نے خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا کا گُناہ کِیا ہے اور یہ یہ مُجھ سے سرزد ہُؤا ہے۔ 21کہ جب مَیں نے لُوٹ کے مال میں بابل کی ایک نفِیس چادر اور دو سَو مِثقال چاندی اور پچاس مِثقال سونے کی ایک اِینٹ دیکھی تو مَیں نے للچا کر اُن کو لے لِیا اور دیکھ وہ میرے ڈیرے میں زمِین میں چِھپائی ہُوئی ہیں اور چاندی اُن کے نِیچے ہے۔
22پس یشُوع نے قاصِد بھیجے۔ وہ اُس ڈیرے کو دَوڑے گئے اور کیا دیکھا کہ وہ اُس کے ڈیرے میں چِھپائی ہُوئی ہیں اور چاندی اُن کے نِیچے ہے۔ 23وہ اُن کو ڈیرے میں سے نِکال کر یشُوع اور سب بنی اِسرائیل کے پاس لائے اور اُن کو خُداوند کے حضُور رکھ دِیا۔ 24تب یشُوع اور سب اِسرائیلِیوں نے زارح کے بیٹے عکن کو اور اُس چاندی اور چادر اور سونے کی اِینٹ کو اور اُس کے بیٹوں اور بیٹِیوں کو اور اُس کے بَیلوں اور گدھوں اور بھیڑ بکرِیوں اور ڈیرے کو اور جو کُچھ اُس کا تھا سب کو لِیا اور وادیِ عکُور میں اُن کو لے گئے۔ 25اور یشُوع نے کہا کہ تُو نے ہم کو کیوں دُکھ دِیا؟ خُداوند آج کے دِن تُجھے دُکھ دے گا! تب سب اِسرائیلِیوں نے اُسے سنگسار کِیا اور اُنہوں نے اُن کو آگ میں جلایا اور اُن کو پتّھروں سے مارا۔ 26اور اُنہوں نے اُس کے اُوپر پتّھروں کا ایک بڑا ڈھیر لگا دِیا جو آج تک ہے۔
تب خُداوند اپنے قہرِ شدِید سے باز آیا۔ اِس لِئے اُس جگہ کا نام آج تک وادیِ عکُور ہے۔
عی پر قبضہ اور اُس کی بربادی
1اور خُداوند نے یشُوؔع سے کہا خَوف نہ کھا اور نہ ہِراسان ہو۔ سب جنگی مَردوں کو ساتھ لے اور اُٹھ کر عی پر چڑھائی کر۔ دیکھ مَیں نے عی کے بادشاہ اور اُس کی رعیّت اور اُس کے شہر اور اُس کے عِلاقہ کو تیرے قبضہ میں کر دِیا ہے۔ 2اور تُو عی اور اُس کے بادشاہ سے وُہی کرنا جو تُو نے یرِیحُو اور اُس کے بادشاہ سے کِیا۔ فقط وہاں کے مالِ غنِیمت اور چَوپایوں کو تُم اپنے لِئے لُوٹ کے طَور پر لے لینا۔ سو تُو اُس شہر کے لِئے اُسی کے پِیچھے اپنے آدمی گھات میں لگا دے۔
3پس یشُوع اور سب جنگی مَرد عی پر چڑھائی کرنے کو اُٹھے اور یشُوع نے تِیس ہزار مَرد جو زبردست سُورما تھے چُن کر رات ہی کو اُن کو روانہ کِیا۔ 4اور اُن کو یہ حُکم دِیا کہ دیکھو! تُم اُس شہر کے مُقابِل شہر ہی کے پِیچھے گھات میں بَیٹھنا۔ شہر سے بُہت دُور نہ جانا بلکہ تُم سب تیّار رہنا۔ 5اور مَیں اُن سب آدمِیوں کو لے کر جو میرے ساتھ ہیں شہر کے نزدِیک آؤں گا اور اَیسا ہو گا کہ جب وہ ہمارا سامنا کرنے کو پہلے کی طرح نِکل آئیں گے تو ہم اُن کے سامنے سے بھاگیں گے۔ 6اور وہ ہمارے پِیچھے پِیچھے نِکلے چلے آئیں گے یہاں تک کہ ہم اُن کو شہر سے دُور نِکال لے جائیں گے کیونکہ وہ کہیں گے کہ یہ تو پہلے کی طرح ہمارے سامنے سے بھاگے جاتے ہیں۔ سو ہم اُن کے آگے سے بھاگیں گے۔ 7اور تُم گھات میں سے اُٹھ کر شہر پر قبضہ کر لینا کیونکہ خُداوند تُمہارا خُدا اُسے تُمہارے قبضہ میں کر دے گا۔ 8اور جب تُم اُس شہر کو لے لو تو اُسے آگ لگا دینا۔ خُداوند کے کہنے کے مُوافِق کام کرنا۔ دیکھو مَیں نے تُم کو حُکم کر دِیا۔ 9اور یشُوع نے اُن کو روانہ کِیا اور وہ کمِین گاہ میں گئے اور بَیت ایل اور عی کے درمِیان عی کے مغرِب کی طرف جا بَیٹھے لیکن یشُوع اُس رات کو لوگوں کے بِیچ ٹِکا رہا۔
10اور یشُوع نے صُبح سویرے اُٹھ کر لوگوں کی مَوجُودات لی اور وہ بنی اِسرائیل کے بزُرگوں کو ساتھ لے کر لوگوں کے آگے آگے عی کی طرف چلا۔ 11اور سب جنگی مَرد جو اُس کے ساتھ تھے چلے اور نزدِیک پُہنچ کر شہر کے سامنے آئے اور عی کے شِمال میں ڈیرے ڈالے اور یشُوع اور عی کے بِیچ ایک وادی تھی۔ 12تب اُس نے کوئی پانچ ہزار مَردوں کو لے کر بَیت ایل اور عی کے درمِیان شہر کے مغرِب کی طرف اُن کو کمِین گاہ میں بِٹھایا۔ 13سو اُنہوں نے لوگوں کو یعنی ساری فَوج کو جو شہر کے شِمال میں تھی اور اُن کو جو شہر کی مغرِبی طرف گھات میں تھے ٹِھکانے پر کر دِیا اور یشُوع اُسی رات اُس وادی میں گیا۔ 14اور جب عی کے بادشاہ نے یہ دیکھا تو اُنہوں نے جلدی کی اور سویرے اُٹھے اور شہر کے آدمی یعنی وہ اور اُس کے سب لوگ نِکل کر مُعیّن وقت پر لڑائی کے لِئے بنی اِسرائیل کے مُقابِل مَیدان کے سامنے آئے اور اُسے خبر نہ تھی کہ شہر کے پِیچھے اُس کی گھات میں لوگ بَیٹھے ہُوئے ہیں۔ 15تب یشُوع اور سب اِسرائیلِیوں نے اَیسا دِکھایا گویا اُنہوں نے اُن سے شِکست کھائی اور بیابان کے راستے ہو کر بھاگے۔ 16اور جِتنے لوگ شہر میں تھے وہ اِن کا پِیچھا کرنے کے لِئے بُلائے گئے اور اُنہوں نے یشُوع کا پِیچھا کِیا اور شہر سے دُور نِکلے چلے گئے۔ 17اور عی اور بَیت ایل میں کوئی مَرد باقی نہ رہا جو اِسرائیلِیوں کے پِیچھے نہ گیا ہو اور اُنہوں نے شہر کو کُھلا چھوڑ کر اِسرائیلِیوں کا پِیچھا کِیا۔
18تب خُداوند نے یشُوع سے کہا کہ جو برچھا تیرے ہاتھ میں ہے اُسے عی کی طرف بڑھا دے کیونکہ مَیں اُسے تیرے قبضہ میں کر دُوں گا اور یشُوع نے اُس برچھے کو جو اُس کے ہاتھ میں تھا شہر کی طرف بڑھایا۔ 19تب اُس کے ہاتھ بڑھاتے ہی جو گھات میں تھے اپنی جگہ سے نِکلے اور دَوڑ کر شہر میں داخِل ہُوئے اور اُسے سر کر لِیا اور جلد شہر میں آگ لگا دی۔ 20اور جب عی کے لوگوں نے پِیچھے مُڑ کر نظر کی تو دیکھا کہ شہر کا دُھواں آسمان کی طرف اُٹھ رہا ہے اور اُن کا بس نہ چلا کہ وہ اِدھر یا اُدھر بھاگیں اور جو لوگ بیابان کی طرف بھاگے تھے وہ پِیچھا کرنے والوں پر اُلٹ پڑے۔ 21اور جب یشُوع اور سب اِسرائیلِیوں نے دیکھا کہ گھات والوں نے شہر لے لِیا اور شہر کا دُھواں اُٹھ رہا ہے تو اُنہوں نے پلٹ کر عی کے لوگوں کو قتل کِیا۔ 22اور وہ دُوسرے بھی اُن کے مُقابلہ کو شہر سے نِکلے۔ سو وہ سب کے سب اِسرائیلِیوں کے بِیچ میں جو کُچھ تو اِدھر اور کُچھ اُدھر تھے پڑ گئے اور اُنہوں نے اُن کو مارا یہاں تک کہ کِسی کو نہ باقی چھوڑا نہ بھاگنے دِیا۔ 23اور وہ عی کے بادشاہ کو زِندہ گرِفتار کر کے یشُوع کے پاس لائے۔
24اور جب اِسرائیلی عی کے سب باشِندوں کو مَیدان میں اُس بیابان کے درمِیان جہاں اُنہوں نے اِن کا پِیچھا کِیا تھا قتل کر چُکے اور وہ سب تلوار سے مارے گئے یہاں تک کہ بِالکُل فنا ہو گئے تو سب اِسرائیلی عی کو پِھرے اور اُسے ‌تہِ تَیغ کر دِیا۔ 25چُنانچہ وہ جو اُس دِن مارے گئے مَرد اور عَورت مِلا کر بارہ ہزار یعنی عی کے سب لوگ تھے۔ 26کیونکہ یشُوع نے اپنا ہاتھ جِس سے وہ برچھے کو بڑھائے ہُوئے تھا نہیں کھینچا جب تک کہ اُس نے عی کے سب رہنے والوں کو بِالکُل ہلاک نہ کر ڈالا۔ 27اور اِسرائیلِیوں نے خُداوند کے حُکم کے مُطابِق جو اُس نے یشُوع کو دِیا تھا اپنے لِئے فقط شہر کے چَوپایوں اور مالِ غنِیمت کو لُوٹ میں لِیا۔ 28پس یشُوع نے عی کو جلا کر ہمیشہ کے لِئے اُسے ایک ڈھیر اور وِیرانہ بنا دِیا جو آج کے دِن تک ہے۔ 29اور اُس نے عی کے بادشاہ کو شام تک درخت پر ٹانگ کر رکھّا اور جُوں ہی سُورج ڈُوبنے لگا اُنہوں نے یشُوع کے حُکم سے اُس کی لاش کو درخت سے اُتار کر شہر کے پھاٹک کے سامنے ڈال دِیا اور اُس پر پتّھروں کا ایک بڑا ڈھیر لگا دِیا جو آج کے دِن تک ہے۔
کوہِ عیبال پر شرِیعت کا پڑھا جانا
30تب یشُوع نے کوہِ عیباؔل پر خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا کے لِئے ایک مذبح بنایا۔ 31جَیسا خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے بنی اِسرائیل کو حُکم دِیا تھا اور جَیسا مُوسیٰ کی شرِیعت کی کِتاب میں لِکھا ہے یہ مذبح بے گھڑے پتّھروں کا تھا جِس پر کِسی نے لوہا نہیں لگایا تھا اور اُنہوں نے اُس پر خُداوند کے حضُور سوختنی قُربانِیاں اور سلامتی کے ذبِیحے گُذرانے۔ 32اور اُس نے وہاں اُن پتّھروں پر مُوسیٰ کی شرِیعت کی جو اُس نے لِکھی تھی سب بنی اِسرائیل کے سامنے ایک نقل کندہ کی۔ 33اور سب اِسرائیلی اور اُن کے بزُرگ اور منصب دار اور قاضی یعنی دیسی اور پردیسی دونوں لاوی کاہِنوں کے آگے جو خُداوند کے عہد کے صندُوق کے اُٹھانے والے تھے صندُوق کے اِدھر اور اُدھر کھڑے ہُوئے۔ اِن میں سے آدھے تو کوہِ گرزیم کے مُقابِل اور آدھے کوہِ عیباؔل کے مُقابِل تھے جَیسا خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے پہلے حُکم دِیا تھا کہ وہ اِسرائیلی لوگوں کو برکت دیں۔ 34اِس کے بعد اُس نے شرِیعت کی سب باتیں یعنی برکت اور لَعنت جَیسی وہ شرِیعت کی کِتاب میں لِکھی ہُوئی ہیں پڑھ کر سُنائِیں۔ 35چُنانچہ جو کُچھ مُوسیٰ نے حُکم دِیا تھا اُس میں سے ایک بات بھی اَیسی نہ تھی جِسے یشُوع نے بنی اِسرائیل کی ساری جماعت اور عَورتوں اور بال بچّوں اور اُن مُسافِروں کے سامنے جو اُن کے ساتھ مِل کر رہتے تھے نہ پڑھا ہو۔
جِبعونی یشُوع کو چکمہ دیتے ہیں
1اور جب اُن سب حِتّی۔ اموری۔ کنعانؔی۔ فرزّی۔ حّوی اور یبوسی بادشاہوں نے جو یَردن کے اُس پار کوہستانی مُلک اور نشیب کی زمِین اور بڑے سمُندر کے اُس ساحِل پر جو لُبنان کے سامنے ہے رہتے تھے یہ سُنا۔ 2تو وہ سب کے سب فراہم ہُوئے تاکہ مُتّفِق ہو کر یشُوع اور بنی اِسرائیل سے جنگ کریں۔
3اور جب جِبعوؔن کے باشِندوں نے سُنا کہ یشُوع نے یرِیحُو اور عی سے کیا کیا کِیا ہے۔ 4تو اُنہوں نے بھی حِیلہ بازی کی اور جا کر سفِیروں کا بھیس بھرا اور پُرانے بورے اور پُرانے پھٹے ہُوئے اور مرمّت کِئے ہُوئے شراب کے مشکِیزے اپنے گدھوں پر لادے۔ 5اور پاؤں میں پُرانے پَیوند لگے ہُوئے جُوتے اور تن پر پُرانے کپڑے ڈالے اور اُن کے سفر کا توشہ سُوکھی پھپُھوندی لگی ہُوئی روٹِیاں تِھیں۔ 6اور وہ جِلجاؔل میں خَیمہ گاہ کو یشُوع کے پاس جا کر اُس سے اور اِسرائیلی مَردوں سے کہنے لگے ہم ایک دُور مُلک سے آئے ہیں۔ سو اب تُم ہم سے عہد باندھو۔
7تب اِسرائیلی مَردوں نے اُن حویّوں سے کہا کہ شاید تُم ہمارے درمِیان ہی رہتے ہو۔ پس ہم تُم سے کیونکر عہد باندھیں؟
8اُنہوں نے یشُوع سے کہا ہم تیرے خادِم ہیں۔
تب یشُوع نے اُن سے پُوچھا تُم کَون ہو اور کہاں سے آئے ہو؟
9اُنہوں نے اُس سے کہا تیرے خادِم ایک بُہت دُور مُلک سے خُداوند تیرے خُدا کے نام کے باعِث آئے ہیں کیونکہ ہم نے اُس کی شُہرت اور جو کُچھ اُس نے مِصرؔ میں کِیا۔ 10اور جو کُچھ اُس نے امورِیوں کے دونوں بادشاہوں سے جو یَردن کے اُس پار تھے یعنی حسبوؔن کے بادشاہ سیحوؔن اور بسن کے بادشاہ عوج سے جو عستاراؔت میں تھا کِیا سب سُنا ہے۔ 11سو ہمارے بزُرگوں اور ہمارے مُلک کے سب باشِندوں نے ہم سے یہ کہا کہ تُم سفر کے لِئے اپنے ہاتھ میں توشہ لے لو اور اُن سے مِلنے کو جاؤ اور اُن سے کہو کہ ہم تُمہارے خادِم ہیں سو تُم اب ہمارے ساتھ عہد باندھو۔ 12جِس دِن ہم تُمہارے پاس آنے کو نِکلے ہم نے اپنے اپنے گھر سے اپنے توشہ کی روٹی گرم گرم لی اور اب دیکھو وہ سُوکھی ہے اور اُسے پھپُھوندی لگ گئی۔ 13اور مَے کے یہ مشکِیزے جو ہم نے بھر لِئے تھے نئے تھے اور دیکھو یہ تو پھٹ گئے اور یہ ہمارے کپڑے اور جُوتے دُور دراز سفر کی وجہ سے پُرانے ہو گئے۔
14تب اِن لوگوں نے اُن کے توشہ میں سے کُچھ لِیا اور خُداوند سے مشورَت نہ کی۔ 15اور یشُوع نے اُن سے صُلح کی اور اُن کی جان بخشی کرنے کے لِئے اُن سے عہد باندھا اور جماعت کے امِیروں نے اُن سے قَسم کھائی۔
16اور اُن کے ساتھ عہد باندھنے سے تِین دِن کے بعد اُن کے سُننے میں آیا کہ یہ اُن کے پڑوسی ہیں اور اُن کے درمِیان ہی رہتے ہیں۔ 17اور بنی اِسرائیل کُوچ کر کے تِیسرے دِن اُن کے شہروں میں پُہنچے۔ جِبعوؔن اور کفِیرؔہ اور بیروؔت اور قریَت یعرِؔیم اُن کے شہر تھے۔ 18اور بنی اِسرائیل نے اُن کو قتل نہ کِیا اِس لِئے کہ جماعت کے امِیروں نے اُن سے خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا کی قَسم کھائی تھی اور ساری جماعت اُن امِیروں پر کُڑکُڑانے لگی۔ 19پر اُن سب امِیروں نے ساری جماعت سے کہا کہ ہم نے اُن سے خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا کی قَسم کھائی ہے اِس لِئے ہم اُنہیں چُھو نہیں سکتے۔ 20ہم اُن سے یِہی کریں گے اور اُن کو جِیتا چھوڑیں گے تا نہ ہو کہ اُس قَسم کے باعِث جو ہم نے اُن سے کھائی ہے ہم پر غضب ٹُوٹے۔ 21سو امِیروں نے اُن سے یِہی کہا کہ اُن کو جِیتا چھوڑو۔ پس وہ ساری جماعت کے لِئے لکڑہارے اور پانی بھرنے والے بنے جَیسا امِیروں نے اُن سے کہا تھا۔
22تب یشُوع نے اُن کو بُلوا کر اُن سے کہا جِس حال کہ تُم ہمارے درمِیان رہتے ہو تُم نے یہ کہہ کر ہم کو کیوں فریب دِیا کہ ہم تُم سے بُہت دُور رہتے ہیں؟ 23اِس لِئے اب تُم لَعنتی ٹھہرے اور تُم میں سے کوئی اَیسا نہ رہے گا جو غُلام یعنی میرے خُدا کے گھر کے لِئے لکڑہارا اور پانی بھرنے والا نہ ہو۔
24اُنہوں نے یشُوع کو جواب دِیا کہ تیرے خادِموں کو تحقِیق یہ خبر مِلی تھی کہ خُداوند تیرے خُدا نے اپنے بندہ مُوسیٰ کو فرمایا کہ سارا مُلک تُم کو دے اور اِس مُلک کے سب باشِندوں کو تُمہارے سامنے سے نیست و نابُود کرے۔ سو ہم کو تُمہارے سبب سے اپنی جانوں کے لالے پڑ گئے اِس لِئے ہم نے یہ کام کِیا۔ 25اور اب دیکھ ہم تیرے ہاتھ میں ہیں۔ جو کُچھ تُو ہم سے کرنا بھلا اور ٹِھیک جانے سو کر۔ 26پس اُس نے اُن سے وَیسا ہی کِیا اور بنی اِسرائیل کے ہاتھ سے اُن کو اَیسا بچایا کہ اُنہوں نے اُن کو قتل نہ کِیا۔ 27اور یشُوع نے اُسی دِن اُن کو جماعت کے لِئے اور اُس مقام پر جِسے خُداوند خُود چُنے اُس کے مذبح کے لِئے لکڑہارے اور پانی بھرنے والے مُقرّر کِیا جَیسا آج تک ہے۔
امورِیوں کو شِکست ہوتی ہے
1اور جب یروشلِیم کے بادشاہ ادُونی صدق نے سُنا کہ یشُوع نے عی کو سر کر کے اُسے نیست و نابُود کر دِیا اور جَیسا اُس نے یرِیحُو اور وہاں کے بادشاہ سے کِیا وَیسا ہی عی اور اُس کے بادشاہ سے کِیا اور جِبعوؔن کے باشِندوں نے بنی اِسرائیل سے صُلح کر لی اور اُن کے درمِیان رہنے لگے ہیں۔ 2تو وہ سب بُہت ہی ڈرے کیونکہ جِبعوؔن ایک بڑا شہر بلکہ بادشاہی شہروں میں سے ایک کی مانِند اور عی سے بڑا تھا اور اُس کے سب مَرد بڑے بہادُر تھے۔ 3اِس لِئے یروشلِیم کے بادشاہ ادُونی صدق نے حبروؔن کے بادشاہ ہُوہاؔم اور یرموؔت کے بادشاہ پِیرام اور لکِیس کے بادشاہ یافیع اور عجلُوؔن کے بادشاہ دبِیر کو یُوں کہلا بھیجا کہ 4میرے پاس آؤ اور میری کُمک کرو اور چلو ہم جِبعوؔن کو ماریں کیونکہ اُس نے یشُوع اور بنی اِسرائیل سے صُلح کر لی ہے۔ 5اِس لِئے امورِیوں کے پانچ بادشاہ یعنی یروشلِیم کا بادشاہ اور حبروؔن کا بادشاہ اور یرموؔت کا بادشاہ اور لکِیس کا بادشاہ اور عجلُوؔن کا بادشاہ اِکٹّھے ہُوئے اور اُنہوں نے اپنی سب فَوجوں کے ساتھ چڑھائی کی اور جِبعوؔن کے مُقابِل ڈیرے ڈال کر اُس سے جنگ شرُوع کی۔
6تب جِبعوؔن کے لوگوں نے یشُوؔع کو جو جِلجاؔل میں خَیمہ زن تھا کہلا بھیجا کہ اپنے خادِموں کی طرف سے اپنا ہاتھ مت کھینچ۔ جلد ہمارے پاس پُہنچ کر ہم کو بچا اور ہماری مدد کر اِس لِئے کہ سب اموری بادشاہ جو کوہِستانی مُلک میں رہتے ہیں ہمارے خِلاف اِکٹّھے ہُوئے ہیں۔
7تب یشُوؔع سب جنگی مَردوں اور سب زبردست سُورماؤں کو ہمراہ لے کر جِلجاؔل سے چل پڑا۔ 8اور خُداوند نے یشُوع سے کہا اُن سے نہ ڈر۔ اِس لِئے کہ مَیں نے اُن کو تیرے ہاتھ میں کر دِیا ہے۔ اُن میں سے ایک مَرد بھی تیرے سامنے کھڑا نہ رہ سکے گا۔ 9پس یشُوع راتوں رات جِلجاؔل سے چل کر ناگہاں اُن پر آ پڑا۔ 10اور خُداوند نے اُن کو بنی اِسرائیل کے سامنے شِکست دی اور اُس نے اُن کو جِبعوؔن میں بڑی خُون ریزی کے ساتھ قتل کِیا اور بَیت حَورُوؔن کی چڑھائی کے راستہ پر اُن کو رگیدا اور عزیقاؔہ اور مقّیدہ تک اُن کو مارتا گیا۔ 11اور جب وہ اِسرائیلِیوں کے سامنے سے بھاگے اور بَیت حَورُوؔن کے اُتار پر تھے تو خُداوند نے عزیقاؔہ تک آسمان سے اُن پر بڑے بڑے پتّھر برسائے اور وہ مَر گئے اور جو اولوں سے مَرے وہ اُن سے جِن کو بنی اِسرائیل نے ‌تہِ تَیغ کِیا کہِیں زِیادہ تھے۔
12اور اُس دِن جب خُداوند نے امورِیوں کو بنی اِسرائیل کے قابُو میں کر دِیا یشُوع نے خُداوند کے حضُور بنی اِسرائیل کے سامنے یہ کہا۔
اَے سُورج! تُو جِبعوؔن پر
اور اَے چاند! تو وادیِ ایالوؔن میں ٹھہرا رہ
13اور سُورج ٹھہر گیا اور چاند تھما رہا جب تک قَوم نے اپنے دُشمنوں سے اپنا اِنتِقام نہ لے لِیا۔ کیا یہ آشر کی کِتاب میں نہیں لِکھا ہے؟ اور سُورج آسمان کے بِیچوں بِیچ ٹھہرا رہا اور تقرِیباً سارے دِن ڈُوبنے میں جلدی نہ کی۔ 14اور اَیسا دِن نہ کبھی اُس سے پہلے ہُؤا اور نہ اُس کے بعد جِس میں خُداوند نے کِسی آدمی کی بات سُنی ہو کیونکہ خُداوند اِسرائیلیوں کی خاطِر لڑا۔
15پِھر یشُوع اور اُس کے ساتھ سب اِسرائیلی جِلجاؔل کو خَیمہ گاہ میں لَوٹے۔
یشُوع امورِیوں کے پانچ بادشاہوں کو گرِفتار کرتا ہے
16اور وہ پانچوں بادشاہ بھاگ کر مقّیدہ کے غار میں جا چِھپے۔ 17اور یشُوع کو یہ خبر مِلی کہ وہ پانچوں بادشاہ مقّیدؔہ کے غار میں چِھپے ہُوئے مِلے ہیں۔ 18یشُوع نے حُکم کِیا کہ بڑے بڑے پتّھر اُس غار کے مُنہ پر لُڑھکا دو اور آدمِیوں کو اُس کے پاس اُن کی نِگہبانی کے لِئے بِٹھا دو۔ 19پر تُم نہ رُکو۔ تُم اپنے دُشمنوں کا پِیچھا کرو اور اُن میں کے جو جو پِچھڑ گئے ہیں اُن کو مار ڈالو۔ اُن کو مُہلت نہ دو کہ وہ اپنے اپنے شہر میں داخِل ہوں۔ اِس لِئے کہ خُداوند تُمہارے خُدا نے اُن کو تُمہارے قبضہ میں کر دِیا ہے۔ 20اور جب یشُوع اور بنی اِسرائیل بڑی خُون ریزی کے ساتھ اُن کو قتل کر چُکے یہاں تک کہ وہ نیست و نابُود ہو گئے اور وہ جو اُن میں سے باقی بچے فصِیل دار شہروں میں داخِل ہو گئے۔ 21تو سب لوگ مقّیدہ میں یشُوع کے پاس لشکر گاہ کو سلامت لَوٹے
اور کِسی نے بنی اِسرائیل میں سے کِسی کے برخِلاف زُبان نہ ہِلائی۔
22پِھر یشُوع نے حُکم دِیا کہ غار کا مُنہ کھولو اور اُن پانچوں بادشاہوں کو غار سے باہر نِکال کر میرے پاس لاؤ۔ 23اُنہوں نے اَیسا ہی کِیا اور وہ اُن پانچوں بادشاہوں کو یعنی شاہِ یروشلِیم اور شاہِ حبروؔن اور شاہِ یرموؔت اور شاہِ لکِیس اور شاہِ عجلُوؔن کو غار سے نِکال کر اُس کے پاس لائے۔ 24اور جب وہ اُن کو یشُوؔع کے سامنے لائے تو یشُوع نے سب اِسرائیلِیوں کو بُلوایا اور اُن جنگی مَردوں کے سرداروں سے جو اُس کے ساتھ گئے تھے یہ کہا کہ نزدِیک آ کر اپنے اپنے پاؤں اِن بادشاہوں کی گردنوں پر رکھّو۔ اُنہوں نے نزدِیک آ کر اُن کی گردنوں پر اپنے اپنے پاؤں رکھّے۔ 25اور یشُوع نے اُن سے کہا خَوف نہ کرو اور ہِراساں مت ہو۔ مضبُوط ہو جاؤ اور حَوصلہ رکھّو اِس لِئے کہ خُداوند تُمہارے سب دُشمنوں سے جِن کا مُقابلہ تُم کرو گے اَیسا ہی کرے گا۔ 26اِس کے بعد یشُوع نے اُن کو مارا اور قتل کِیا اور پانچ درختوں پر اُن کو ٹانگ دِیا۔ سو وہ شام تک درختوں پر ٹنگے رہے۔ 27اور سُورج ڈُوبتے وقت اُنہوں نے یشُوع کے حُکم سے اُن کو درختوں پر سے اُتار کر اُسی غار میں جِس میں وہ جا چِھپے تھے ڈال دِیا اور غار کے مُنہ پر بڑے بڑے پتّھر دھر دِئے جو آج تک ہیں۔
یشُوع امورِیوں کے اور عِلاقہ پر قبضہ کرتا ہے
28اور اُسی دِن یشُوع نے مقّیدہ کو سر کر کے اُسے ‌تہِ تَیغ کِیا اور اُس کے بادشاہ کو اور اُس کے سب لوگوں کو بِالکُل ہلاک کر ڈالا اور ایک کو بھی باقی نہ چھوڑا اور مقّیدہ کے بادشاہ سے اُس نے وُہی کِیا جو یرِیحُو کے بادشاہ سے کِیا تھا۔
29پِھر یشُوع اور اُس کے ساتھ سب اِسرائیلی مقّیدؔہ سے لِبناہ کو گئے اور وہ لِبناہ سے لڑا۔ 30اور خُداوند نے اُس کو بھی اور اُس کے بادشاہ کو بھی بنی اِسرائیل کے ہاتھ میں کر دِیا اور اُس نے اُسے اور اُس کے سب لوگوں کو ‌تہِ تَیغ کِیا اور ایک کو بھی باقی نہ چھوڑا اور وہاں کے بادشاہ سے وَیسا ہی کِیا جو یرِیحُو کے بادشاہ سے کِیا تھا۔
31پِھر لِبناہ سے یشُوع اور اُس کے ساتھ سب اِسرائیلی لکِیس کو گئے اور اُس کے مُقابِل ڈیرے ڈال لِئے اور وہ اُس سے لڑا۔ 32اور خُداوند نے لکِیس کو اِسرائیلؔ کے قبضہ میں کر دِیا۔ اُس نے دُوسرے دِن اُس پر فتح پائی اور اُسے ‌تہِ تَیغ کِیا اور سب لوگوں کو جو اُس میں تھے قتل کِیا جِس طرح اُس نے لِبناہ سے کِیا تھا۔ 33اُس وقت جزر کا بادشاہ ہُورؔم لکِیس کی کُمک کو چڑھ آیا۔ سو یشُوع نے اُس کو اور اُس کے آدمِیوں کو مارا یہاں تک کہ اُس کا ایک بھی جِیتا نہ چھوڑا۔
34اور یشُوع اور اُس کے ساتھ سب اِسرائیلی لکِیس سے عجلُوؔن کو گئے اور اُس کے مُقابِل ڈیرے ڈال کر اُس سے جنگ شرُوع کی۔ 35اور اُسی دِن اُسے سر کر لِیا اور اُسے ‌تہِ تَیغ کِیا اور اُن سب لوگوں کو جو اُس میں تھے اُس نے اُسی دِن بِالکُل ہلاک کر ڈالا جَیسا اُس نے لکِیس سے کِیا تھا۔
36پِھر عجلُوؔن سے یشُوع اور اُس کے ساتھ سب اِسرائیلی حبروؔن کو گئے اور اُس سے لڑے۔ 37اور اُنہوں نے اُسے سر کر کے اُسے اور اُس کے بادشاہ اور اُس کی سب بستِیوں اور وہاں کے سب لوگوں کو ‌تہِ تَیغ کِیا اور جَیسا اُس نے عجلُوؔن سے کِیا تھا ایک کو بھی جِیتا نہ چھوڑا بلکہ اُسے اور وہاں کے سب لوگوں کو بِالکُل ہلاک کر ڈالا۔
38پِھر یشُوع اور اُس کے ساتھ سب اِسرائیلی دبِیر کو لَوٹے اور اُس سے لڑے۔ 39اور اُس نے اُسے اور اُس کے بادشاہ اور اُس کی سب بستِیوں کو فتح کر لِیا اور اُنہوں نے اُن کو ‌تہِ تَیغ کِیا اور سب لوگوں کو جو اُس میں تھے بِالکُل ہلاک کر دِیا۔ اُس نے ایک کو بھی باقی نہ چھوڑا جَیسا اُس نے حبروؔن اور اُس کے بادشاہ سے کِیا تھا وَیسا ہی دبِیر اور اُس کے بادشاہ سے کِیا۔ اَیسا ہی اُس نے لِبناہ اور اُس کے بادشاہ سے بھی کِیا تھا۔
40سو یشُوع نے سارے مُلک کو یعنی کوہستانی مُلک اور جنُوبی قطعہ اور نشیب کی زمِین اور ڈھلانوں اور وہاں کے سب بادشاہوں کو مارا۔ اُس نے ایک کو بھی جِیتا نہ چھوڑا بلکہ وہاں کے ہر مُتنِفّس کو جَیسا خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا نے حُکم کِیا تھا بِالکُل ہلاک کر ڈالا۔ 41اور یشُوع نے اُن کو قادِس برنِیع سے لے کر غزّہ تک اور جشن کے سارے مُلک کے لوگوں کو جِبعوؔن تک مارا۔ 42اور یشُوع نے اُن سب بادشاہوں پر اور اُن کے مُلک پر ایک ہی وقت میں تسلُّط حاصِل کِیا اِس لِئے کہ خُداوند اِسرائیلؔ کا خُدا اِسرائیلؔ کی خاطِر لڑا۔ 43پِھر یشُوع اور سب اِسرائیلی اُس کے ساتھ جِلجاؔل کو خَیمہ گاہ میں لَوٹے۔
یشُوع یابِین اور اُس کے اِتحادیوں کو شِکست دیتا ہے
1جب حصُور کے بادشاہ یابِین نے یہ سُنا تو اُس نے مدون کے بادشاہ یُوباب اور سِمروؔن کے بادشاہ اور اکشاؔف کے بادشاہ کو۔ 2اور اُن بادشاہوں کو جو شِمال کی طرف کوہِستانی مُلک اور کِنّرت کے جنُوب کے مَیدان اور نشیب کی زمِین اور مغرِب کی طرف دور کی مُرتفع زمِین میں رہتے تھے۔ 3اور مشرِق اور مغرِب کے کنعانِؔیوں اور امورِیوں اور حتِّیوں اور فرزِّیوں اور کوہِستانی مُلک کے یبُوسیوں اور حوِیّوں کو جو حرمُوؔن کے نِیچے مِصفاہ کے مُلک میں رہتے تھے بُلوا بھیجا۔ 4تب وہ اور اُن کے ساتھ اُن کے لشکر یعنی ایک انبوہِ کثِیر جو تعداد میں سمُندر کے کنارے کی ریت کی مانِند تھا بُہت سے گھوڑوں اور رتھوں کو ساتھ لے کر نِکلے۔ 5اور یہ سب بادشاہ مِل کر آئے اور اُنہوں نے میرُوؔم کی جِھیل پر اِکٹّھے ڈیرے ڈالے تاکہ اِسرائیلِیوں سے لڑیں۔
6تب خُداوند نے یشُوع سے کہا اُن سے نہ ڈر کیونکہ کل اِس وقت مَیں اُن سب کو اِسرائیلیوں کے سامنے مار کر ڈال دُوں گا۔ تُو اُن کے گھوڑوں کی کُونچیں کاٹ ڈالنا اور اُن کے رتھ آگ سے جلا دینا۔ 7چُنانچہ یشُوع اور سب جنگی مَرد اُس کے ساتھ میرُوؔم کی جِھیل پر ناگہان اُن کے مُقابلہ کو آئے اور اُن پر ٹُوٹ پڑے۔ 8اور خُداوند نے اُن کو اِسرائیلیوں کے قبضہ میں کر دِیا سو اُنہوں نے اُن کو مارا اور بڑے صَیدا اور مِسرفات المائِم اور مشرِق میں مِصفاہ کی وادی تک اُن کو رگیدا اور قتل کِیا یہاں تک کہ اُن میں سے ایک بھی باقی نہ چھوڑا۔ 9اور یشُوع نے خُداوند کے حُکم کے مُوافِق اُن سے کِیا کہ اُن کے گھوڑوں کی کُونچیں کاٹ ڈالِیں اور اُن کے رتھ آگ سے جلا دِئے۔
10پِھر یشُوع اُسی وقت لَوٹا اور اُس نے حصُور کو سر کر کے اُس کے بادشاہ کو تلوار سے مارا کیونکہ اگلے وقت میں حصُور اُن سب سلطنتوں کا سردار تھا۔ 11اور اُنہوں نے اُن سب لوگوں کو جو وہاں تھے تہِ‌تیغ کر کے اُن کو بِالکُل ہلاک کر دِیا۔ وہاں کوئی مُتنِفّس باقی نہ رہا۔ پِھر اُس نے حصُور کو آگ سے جلا دِیا۔
12اور یشُوؔع نے اُن بادشاہوں کے سب شہروں کو اور اُن شہروں کے سب بادشاہوں کو لے کر اور اُن کو تہِ‌تیغ کر کے بِالکُل ہلاک کر دِیا جَیسا خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے حُکم کِیا تھا۔ 13لیکن جو شہر اپنے ٹِیلوں پر بنے ہُوئے تھے اُن میں سے کِسی کو اِسرائیلیوں نے نہیں جلایا سِوا حصُور کے جِسے یشُوع نے پُھونک دِیا تھا۔ 14اور اُن شہروں کے تمام مالِ غنِیمت اور چَوپایوں کو بنی اِسرائیل نے اپنے واسطے لُوٹ میں لے لِیا لیکن ہر ایک آدمی کو تلوار کی دھار سے قتل کِیا یہاں تک کہ اُن کو نابُود کر دِیا اور ایک مُتنِفّس کو بھی باقی نہ چھوڑا۔ 15جَیسا خُداوند نے اپنے بندہ مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا وَیسا ہی مُوسیٰ نے یشُوع کو حُکم دِیا اور یشُوع نے وَیسا ہی کِیا اور جو جو حُکم خُداوند نے مُوسیٰ کو دِیا تھا اُن میں سے کِسی کو اُس نے بغَیر پُورا کِئے نہ چھوڑا۔
وہ عِلاقے جِن پر یشُوع نے قبضہ کِیا
16سو یشُوع نے اُس سارے مُلک کو یعنی کوہِستانی مُلک اور سارے جنُوبی قطعہ اور جشن کے سارے مُلک اور نشیب کی زمِین اور مَیدان اور اِسرائیلیوں کے کوہِستانی مُلک اور اُسی کے نشیب کی زمِین۔ 17کوہِ خلق سے لے کر جو سِعِیر کی طرف جاتا ہے بعل جد تک جو وادیِ لُبناؔن میں کوہِ حرموؔن کے نِیچے ہے سب کو لے لِیا اور اُن کے سب بادشاہوں پر فتح حاصِل کر کے اُس نے اُن کو مارا اور قتل کِیا۔ 18اور یشُوع مُدّت تک اُن سب بادشاہوں سے لڑتا رہا۔ 19سِوا حویّوں کے جو جِبعوؔن کے باشِندے تھے اَور کِسی شہر نے بنی اِسرائیل سے صُلح نہیں کی بلکہ سب کو اُنہوں نے لڑ کر فتح کِیا۔ 20کیونکہ یہ خُداوند ہی کی طرف سے تھا کہ وہ اُن کے دِلوں کو اَیسا سخت کر دے کہ وہ جنگ میں اِسرائیلؔ کا مُقابلہ کریں تاکہ وہ اُن کو بِالکُل ہلاک کر ڈالے اور اُن پر کُچھ مِہربانی نہ ہو بلکہ وہ اُن کو نیست و نابُود کر دے جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا۔
21پِھر اُس وقت یشُوع نے آ کر عناقِیم کو کوہِستانی مُلک یعنی حبرُوؔن اور دبِیر اور عناب سے بلکہ یہُوداؔہ کے سارے کوہِستانی مُلک اور اِسرائیلؔ کے سارے کوہِستانی مُلک سے کاٹ ڈالا۔ یشُوع نے اُن کو اُن کے شہروں سمیت بِالکُل ہلاک کر دِیا۔ 22سو عناقِیم میں سے کوئی بنی اِسرائیل کے مُلک میں باقی نہ رہا۔ فقط غزّہ اور جات اور اشدُود میں تھوڑے سے باقی رہے۔
23پس جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا تھا اُس کے مُطابِق یشُوع نے سارے مُلک کو لے لِیا اور یشُوع نے اُسے اِسرائیلیوں کو اُن کے قبِیلوں کی تقسِیم کے مُوافِق مِیراث کے طَور پر دے دِیا اور مُلک کو جنگ سے فراغت مِلی۔
بادشاہ جِن کو مُوسیٰ نے شِکست دی تھی
1اُس مُلک کے وہ بادشاہ جِن کو بنی اِسرائیل نے قتل کر کے اُن کے مُلک پر یَردن کے اُس پار مشرِق کی طرف ارنوؔن کی وادی سے لے کر کوہِ حرمُوؔن تک اور تمام مشرِقی مَیدان پر قبضہ کر لِیا یہ ہیں۔ 2اموریوں کا بادشاہ سِیحوؔن جو حسبوؔن میں رہتا تھا اور عروعیر سے لے کر جو وادیِ ارنوؔن کے کنارے ہے اور اُس وادی کے بِیچ کے شہر سے وادیِ یبّوق تک جو بنی عمّوُن کی سرحد ہے آدھے جِلعاد پر۔ 3اور مَیدان سے بحرِ کِنّرؔت تک جو مشرِق کی طرف ہے بلکہ مشرِق ہی کی طرف بَیت یسیموؔت سے ہو کر مَیدان کے دریا تک جو دریایِ شور ہے اور جنُوب میں پِسگہ کے دامن کے نِیچے نِیچے حُکُومت کرتا تھا۔
4اور بسن کے بادشاہ عوج کی سرحد جو رفائِیم کی بقِیّہ نسل سے تھا اور عستاراؔت اور ادرعی میں رہتا تھا۔ 5اور وہ کوہِ حرموؔن اور سلکہ اور سارے بسن میں جسُوریوں اور معکاتیوں کی سرحد تک اور آدھے جِلعاد میں جو حسبوؔن کے بادشاہ سِیحوؔن کی سرحد تھی حُکُومت کرتا تھا۔
6اُن کو خُداوند کے بندہ مُوسیٰ اور بنی اِسرائیل نے مارا اور خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے بنی رُوبِن اور بنی جد اور منسّی کے آدھے قبِیلہ کو اُن کا مُلک مِیراث کے طَور پر دے دِیا۔
بادشاہ جِن کو یشُوع نے شِکست دی
7اور یَردن کے اِس پار مغرِب کی طرف بعل جد سے جو وادیِ لُبنان میں ہے کوہِ خلق تک جو سِعِیر کو نِکل گیا ہے جِن بادشاہوں کو یشُوع اور بنی اِسرائیل نے مارا اور جِن کے مُلک کو یشُوع نے اِسرائیلیوں کے قبِیلوں کو اُن کی تقسِیم کے مُطابِق مِیراث کے طَور پر دے دِیا وہ یہ ہیں۔ 8کوہِستانی مُلک اور نشیب کی زمِین اور مَیدان اور ڈھلانوں میں اور بیابان اور جنُوبی قطعہ میں حِتّی اور اموری اور کنعانی اور فرزّی اور حّوی اور یبوسی قَوموں میں سے۔ 9ایک یرِیحُو کا بادشاہ ایک عی کا بادشاہ جو بَیت ایل کے نزدِیک واقِع ہے۔ 10ایک یروشلِیم کا بادشاہ۔ ایک حبرُوؔن کا بادشاہ۔ 11ایک یرموؔت کا بادشاہ ایک لکِیس کا بادشاہ۔ 12ایک عجلُوؔن کا بادشاہ۔ ایک جزر کا بادشاہ۔ 13ایک دبِیر کا بادشاہ۔ ایک جدر کا بادشاہ۔ 14ایک حُرمہ کا بادشاہ۔ ایک عراد کا بادشاہ۔ 15ایک لِبناہ کا بادشاہ۔ ایک عدُلاّم کا بادشاہ۔ 16ایک مقّیدہ کا بادشاہ۔ ایک بَیت ایل کا بادشاہ۔ 17ایک تفُوح کا بادشاہ۔ ایک حفر کا بادشاہ۔ 18ایک افِیق کا بادشاہ۔ ایک لشروؔن کا بادشاہ۔ 19ایک مدوؔن کا بادشاہ۔ ایک حصُور کا بادشاہ۔ 20ایک سِمرون مرون کا بادشاہ۔ ایک اِکشاؔف کا بادشاہ۔ 21ایک تعنک کا بادشاہ۔ ایک مجِدّو کا بادشاہ۔ 22ایک قادِؔس کا بادشاہ۔ ایک کرمِل کے یقنِعام کا بادشاہ۔ 23ایک دور کی مُرتفع زمِین کے دور کا بادشاہ۔ ایک گوئِیم کا بادشاہ جو جِلجاؔل میں تھا۔ 24ایک تِرضہ کا بادشاہ۔ یہ سب اِکتِیس بادشاہ تھے۔
عِلاقہ جِس پر قبضہ کرنا باقی تھا
1اور یشُوع بُڈّھا اور عُمر رسِیدہ ہُؤا اور خُداوند نے اُس سے کہا کہ تُو بُڈّھا اور عُمر رسِیدہ ہے اور قبضہ کرنے کو ابھی بُہت سا مُلک باقی ہے۔ 2اور وہ مُلک جو باقی ہے سو یہ ہے فلِستیوں کی سب اِقلیم اور سب جسُوری۔ 3سیحور سے جو مِصرؔ کے سامنے ہے شِمال کی طرف عقروُؔن کی حد تک جو کنعانیوں کا گِنا جاتا ہے۔ فلِستیوں کے پانچ سردار یعنی غزی اور اشدُودی اور اسقلونی اور جاتی اور عقرُونی اور عوّیم بھی۔ 4جو جنُوب کی طرف ہیں اور کنعانیوں کا سارا مُلک اور مغارہ جو صیدانیوں کا ہے۔ افیق یعنی اموریوں کی سرحد تک۔ 5اور جبلیوں کا مُلک اور مشرِق کی طرف سے بعل جد سے جو کوہِ حرموؔن کے نِیچے ہے حمات کے مدخل تک سارا لُبناؔن۔ 6پِھر لُبناؔن سے مِسرفاؔت المائِم تک کوہِستانی مُلک کے سب باشِندے یعنی سب صَیدانی۔ اُن کو مَیں بنی اِسرائیل کے سامنے سے نِکال ڈالُوں گا۔ تُو فقط جَیسا مَیں نے تُجھے حُکم دِیا ہے مِیراث کے طَور پر اُسے اِسرائیلیوں کو تقسِیم کر دے۔ 7سو تُو اِس مُلک کو اُن نَو قبِیلوں اور منسّی کے آدھے قبِیلہ کو مِیراث کے طَور پر بانٹ دے۔
دریائے یَردن کے مشرِق کی سرزمِین کی تقسِیم
8منسّی کے ساتھ بنی رُوبِن اور بنی جد نے اپنی اپنی مِیراث پا لی تھی جِسے مُوسیٰ نے یَردن کے اُس پار مشرِق کی طرف اُن کو دِیا تھا کیونکہ خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے اُسے اُن ہی کو دِیا تھا یعنی۔ 9عروعیر سے جو وادیِ ارنوؔن کے کنارے واقِع ہے شرُوع کر کے وہ شہر جو وادی کے بِیچ میں ہے اور مِیدبا کا سارا مَیدان دِیبوؔن تک۔ 10اور اموریوں کے بادشاہ سِیحوؔن کے سب شہر جو حسبوؔن میں سلطنت کرتا تھا بنی عمُّون کی سرحد تک۔ 11اور جِلعاد اور جسُوریوں اور معکاتیوں کی نواحی اور سارا کوہِ حرموؔن اور سارا بسن سلکہ تک۔ 12اور عوج جو رفائِیم کی بقِیّہ نسل سے تھا اور عستاراؔت اور ادرؔعی میں حُکمران تھا اُس کا سارا عِلاقہ جو بسن میں تھا کیونکہ مُوسیٰ نے اُن کو مار کر خارِج کر دِیا تھا۔ 13تَو بھی بنی اِسرائیل نے جسُوریوں اور معکاتیوں کو نہیں نِکالا چُنانچہ جسُوری اور معکاتی آج تک اِسرائیلیوں کے درمِیان بسے ہُوئے ہیں۔
14فقط لاوی کے قبِیلہ کو اُس نے کوئی مِیراث نہیں دی کیونکہ خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا کی آتشِین قُربانِیاں اُس کی مِیراث ہیں جَیسا اُس نے اُس سے کہا تھا۔
علاقہ جو رُوبِن کے قبِیلہ کو دِیا گیا
15اور مُوسیٰ نے بنی رُوبِن کے قبِیلہ کو اُن کے گھرانوں کے مُطابِق مِیراث دی۔ 16اور اُن کی سرحد یہ تھی یعنی عروعیر سے جو وادیِ ارنوؔن کے کنارے واقِع ہے اور وہ شہر جو وادی کے بِیچ میں ہے اور مِیدبا کے پاس کا سارا مَیدان۔ 17حسبوؔن اور اُس کے سب شہر جو مَیدان میں ہیں۔ دِیبوؔن اور بامات بعل اور بَیت بعل معون۔ 18اور یہصاؔہ اور قدیماؔت اور مفعت۔ 19اور قریتاِؔم اور سِبماہ اور ضرۃ السحر جو وادی کے کوہ میں ہے۔ 20اور بَیت فغوؔر اور پِسگہ کے دامن کی زمِین اور بَیت یسیموؔت۔ 21اور مَیدان کے سب شہر اور اموریوں کے بادشاہ سِیحوؔن کا سارا مُلک جو حسبوؔن میں سلطنت کرتا تھا جِسے مُوسیٰ نے مِدیان کے رئِیسوں اوی اور رقم اور صُور اور حُور اور رِبع سِیحوؔن کے رئِیسوں سمیت جو اُس مُلک میں بستے تھے قتل کِیا تھا۔ 22اور بعور کے بیٹے بلعاؔم کو بھی جو نجُومی تھا بنی اِسرائیل نے تلوار سے قتل کر کے اُن کے مقتُولوں کے ساتھ مِلا دِیا تھا۔ 23اور یَردن اور اُس کی نواحی بنی رُوبِن کی سرحد تھی۔ یہی شہر اور اُن کے گاؤں بنی رُوبِن کے گھرانوں کے مُطابِق اُن کی مِیراث ٹھہرے۔
عِلاقہ جو جد کے قبِیلہ کو دیا گیا
24اور مُوسیٰ نے جد کے قبِیلہ یعنی بنی جد کو اُن کے گھرانوں کے مُطابِق مِیراث دی۔ 25اور اُن کی سرحد یہ تھی۔ یعزؔیر اور جِلعاد کے سب شہر اور بنی عمُّون کا آدھا مُلک عروعیر تک جو ربّہ کے سامنے ہے۔ 26اور حسبوؔن سے رامت المصفاہ اور بطُونیم تک اور محنایِم سے دبِیر کی سرحد تک۔ 27اور وادی میں بَیت ہارؔم اور بَیت نِمرؔہ اور سُکّاؔت اور صفون یعنی حسبوؔن کے بادشاہ سِیحوؔن کی اقلِیم کا باقی حِصّہ اور یَردن کے اُس پار مشرِق کی طرف کِنّرؔت کی جِھیل کے اُس سِرے تک یَردن اور اُس کی ساری نواحی۔ 28یہی شہر اور اِن کے گاؤں بنی جد کے گھرانوں کے مُطابِق اُن کی مِیراث ٹھہرے۔
مشرِق میں وہ عِلاقہ جو منسّی کے قبِیلہ کو دِیا گیا
29اور مُوسیٰ نے منسّی کے آدھے قبِیلہ کو بھی مِیراث دی۔ یہ بنی منسّی کے گھرانوں کے مُطابِق اُن کے آدھے قبِیلہ کے لِئے تھی۔ 30اور اُن کی سرحد یہ تھی۔ محنایِم سے لے کر سارا بسن اور بسن کے بادشاہ عوج کی تمام اقلِیم اور یائِیر کے سب قصبے جو بسن میں ہیں وہ ساٹھ شہر ہیں۔ 31اور آدھا جِلعاؔد اور عستاراؔت اور ادرؔعی جو بسن کے بادشاہ عوج کے شہر تھے یہ منسّی کے بیٹے مکِیر کی اَولاد کو مِلے یعنی مکِیر کی اَولاد کے آدھے آدمِیوں کو اُن کے گھرانوں کے مُطابِق یہ مِلے۔
32یِہی وہ حِصّے ہیں جِن کو مُوسیٰ نے یرِیحُو کے پاس موآؔب کے مَیدانوں میں یَردن کے اُس پار مشرِق کی طرف مِیراث کے طَور پر تقسِیم کِیا۔ 33لیکن لاوی کے قبِیلہ کو مُوسیٰ نے کوئی مِیراث نہیں دی کیونکہ خُداوند اِسرائیلؔ کا خُدا اُن کی مِیراث ہے جَیسا اُس نے اُن سے خُود کہا۔
دریائے یَردن کے مغرِب کی سرزمیِن کی تقسِیم
1اور وہ حِصّے جِن کو کنعانؔ کے مُلک میں بنی اِسرائیل نے مِیراث کے طَور پر پایا اور جِن کو الیِعزر کاہِن اور نُون کے بیٹے یشُوع اور بنی اِسرائیل کے قبِیلوں کے آبائی خاندانوں کے سرداروں نے اُن کو تقسِیم کِیا یہ ہیں۔ 2اُن کی مِیراث قُرعہ سے دی گئی جَیسا خُداوند نے ساڑھے نَو قبِیلوں کے حق میں مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا۔ 3کیونکہ مُوسیٰ نے یَردن کے اُس پار ڈھائی قبِیلوں کی مِیراث اُن کو دے دی تھی پر اُس نے لاویوں کو اُن کے درمِیان کُچھ مِیراث نہیں دی۔ 4کیونکہ بنی یُوسفؔ کے دو قبِیلے تھے منسّی اور اِفراؔئِیم۔ سو لاویوں کو اُس مُلک میں کُچھ حِصّہ نہ مِلا سِوا شہروں کے جو اُن کے رہنے کے لِئے تھے اور اُن کی نواحی کے جو اُن کے چَوپایوں اور مال کے لِئے تھی۔ 5جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا وَیسا ہی بنی اِسرائیل نے کِیا اور مُلک کو بانٹ لِیا۔
حبرُون کا عِلاقہ کالِب کو دِیا گیا
6تب بنی یہُوداؔہ جِلجاؔل میں یشُوع کے پاس آئے اور قنِزی یُفنّہ کے بیٹے کالِب نے اُس سے کہا تُجھے معلُوم ہے کہ خُداوند نے مَردِ خُدا مُوسیٰ سے میری اور تیری بابت قادِس برنِیع میں کیا کہا تھا۔ 7جب خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے قادِس برنِیع سے مُجھ کو اِس مُلک کا حال دریافت کرنے کو بھیجا اُس وقت مَیں چالِیس برس کا تھا اور مَیں نے اُس کو وُہی خبر لا کر دی جو میرے دِل میں تھی۔ 8تَو بھی میرے بھائیوں نے جو میرے ساتھ گئے تھے لوگوں کے دِلوں کو پِگھلا دِیا لیکن مَیں نے خُداوند اپنے خُدا کی پُوری پَیروی کی۔ 9تب مُوسیٰ نے اُس دِن قَسم کھا کر کہا کہ جِس زمِین پر تیرا قدم پڑا ہے وہ ہمیشہ کے لِئے تیری اور تیرے بیٹوں کی مِیراث ٹھہرے گی کیونکہ تُو نے خُداوند میرے خُدا کی پُوری پَیروی کی ہے۔ 10اور اب دیکھ جب سے خُداوند نے یہ بات مُوسیٰ سے کہی تب سے اِن پَینتالِیس برسوں تک جِن میں بنی اِسرائیل بیابان میں آوارہ پِھرتے رہے خُداوند نے مُجھے اپنے قَول کے مُطابِق جِیتا رکھّا اور اب دیکھ مَیں آج کے دِن پچاسی برس کا ہُوں۔ 11اور آج کے دِن بھی مَیں وَیسا ہی ہُوں جَیسا اُس دِن تھا جب مُوسیٰ نے مُجھے بھیجا تھا اور جنگ کے لِئے اور باہر جانے اور لَوٹنے کے لِئے جَیسی قُوّت مُجھ میں اُس وقت تھی وَیسی ہی اب بھی ہے۔ 12سو یہ پہاڑی جِس کا ذِکر خُداوند نے اُس روز کِیا تھا مُجھ کو دے دے کیونکہ تُو نے اُس دِن سُن لِیا تھا کہ عناقِیم وہاں بستے ہیں اور وہاں کے شہر بڑے اور فصِیل دار ہیں۔ یہ مُمکِن ہے کہ خُداوند میرے ساتھ ہو اور مَیں اُن کو خُداوند کے قَول کے مُطابِق نِکال دُوں۔
13تب یشُوع نے یُفنّہ کے بیٹے کالِب کو دُعا دی اور اُس کو حبرُوؔن مِیراث کے طَور پر دے دِیا۔ 14سو حبرُوؔن اُس وقت سے آج تک قنِزی یُفنّہ کے بیٹے کالِب کی مِیراث ہے اِس لِئے کہ اُس نے خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا کی پُوری پَیروی کی۔ 15اور اگلے وقت میں حبرُوؔن کا نام قریت اربع تھا اور وہ اربع عناقِیم میں سب سے بڑا آدمی تھا
اور اُس مُلک کو جنگ سے فراغت مِلی۔
عِلاقہ جو یہُوداؔہ کے قبِیلہ کو دِیا گیا
1اور بنی یہُوداؔہ کے قبِیلہ کا حِصّہ اُن کے گھرانوں کے مُطابِق قُرعہ ڈال کر
ادُوم کی سرحد تک اور جنُوب میں دشتِ صِین تک جو جنُوب کے اِنتہائی حِصّہ میں واقِع ہے ٹھہرا۔ 2اور اُن کی جنُوبی حد دریایِ شور کے اِنتہائی حِصّہ کی اُس کھاڑی سے جِس کا رُخ جنُوب کی طرف ہے شرُوع ہُوئی۔ 3اور وہ عقر بّیِم کی چڑھائی کی جنُوبی سمت سے نِکل صِین ہوتی ہُوئی قادِس برنِیع کے جنُوب کو گئی۔ پِھر حصروؔن کے پاس سے ادار کو جا کر قرقع کو مُڑی۔ 4اور وہاں سے عضمُوؔن ہوتی ہُوئی مِصرؔ کے نالے کو جا نِکلی اور اُس حد کا خاتِمہ سمُندر پر ہُؤا۔ یِہی تُمہاری جنُوبی سرحد ہو گی۔
5اور مشرِقی سرحد یَردن کے دہانہ تک دریایِ شور ہی ٹھہرا
اور اُس کی شِمالی حد اُس دریا کی اُس کھاڑی سے جو یَردن کے دہانہ پر ہے شرُوع ہُوئی۔ 6اور یہ حد بَیت حجلہ کو جا کر اور بَیت العرا بہ کے شِمال سے گُذر کر رُوبِن کے بیٹے بوہن کے پتّھر کو پُہنچی۔ 7پِھر وہاں سے وہ حد عکُور کی وادی ہوتی ہُوئی دبِیر کو گئی اور وہاں سے شِمال کی سمت چل کر جِلجاؔل کے سامنے سے جو اُدمیّم کی چڑھائی کے مُقابِل ہے جا نِکلی۔ یہ چڑھائی ندی کے جنُوب میں ہے۔ پِھر وہ حد عین شمس کے چشموں کے پاس ہو کر عین راجِل پُہنچی۔ 8پِھر وُہی حد ہِنُّوم کے بیٹے کی وادی میں سے ہو کر یبوسیوں کی بستی کے جنُوب کو گئی۔ یروشلِیم وُہی ہے اور وہاں سے اُس پہاڑ کی چوٹی کو جا نِکلی جو وادیِ ہِنُّوم کے مُقابِل مغرِب کی طرف اور رفائِیم کی وادی کے شِمالی اِنتہائی حِصّہ میں واقِع ہے۔ 9پِھر وُہی حد پہاڑ کی چوٹی سے آبِ نفتوؔح کے چشمہ کو گئی اور وہاں سے کوہِ عفروؔن کے شہروں کے پاس جا نِکلی اور اُدھر سے بعلہ تک جو قریت یعرِیم ہے پُہنچی۔ 10اور بعلہ سے ہو کر مغرِب کی سِمت کوہِ شعیر کو پِھری اور کوہِ یعرِیم کے جو کسلُوؔن بھی کہلاتا ہے شِمالی دامن کے پاس سے گُذر کر بَیت شمس کی طرف اُترتی ہُوئی تِمنہ کو گئی۔ 11اور وہاں سے وہ حد عقروُؔن کے شِمال کو جا نِکلی۔ پِھر وہ سِکرُوؔن سے ہو کر کوہِ بعلہ کے پاس سے گُذرتی ہُوئی یبنی ایل پر جا نِکلی اور اِس حد کا خاتِمہ سمُندر پر ہُؤا۔ 12اور مغرِبی سرحد بڑا سمُندر اور اُس کا ساحِل تھا۔
بنی یہُوداؔہ کی چاروں طرف کی حد اُن کے گھرانوں کے مُطابِق یِہی ہے۔
کالِب حبرُون اور دبِیر کو فتح کرتا ہے
13اور یشُوع نے اُس حُکم کے مُطابِق جو خُداوند نے اُسے دِیا تھا یُفنّہ کے بیٹے کالِب کو بنی یہُوداؔہ کے درمِیان عناق کے باپ اربع کا شہر قریت اربع جو حبرُوؔن ہے حِصّہ دِیا۔ 14سو کالِب نے وہاں سے عناؔق کے تِینوں بیٹوں یعنی سیسی اور اخِیماؔن اور تلمی کو جو بنی عناق ہیں نِکال دِیا۔ 15اور وہ وہاں سے دبِیر کے باشِندوں پر چڑھ گیا۔ دبِیر کا قدِیمی نام قریت سِفر تھا۔ 16اور کالِب نے کہا جو کوئی قریت سِفر کو مار کر اُس کو سر کر لے اُسے مَیں اپنی بیٹی عکسہ بیاہ دُوں گا۔ 17تب کالِب کے بھائی قنز کے بیٹے غتنی ایل نے اُس کو سر کر لِیا۔ سو اُس نے اپنی بیٹی عکسہ اُسے بیاہ دی۔ 18جب وہ اُس کے پاس آئی تو اُس نے اُس آدمی کو اُبھارا کہ وہ اُس کے باپ سے ایک کھیت مانگے۔ سو وہ اپنے گدھے پر سے اُتر پڑی۔ تب کالِب نے اُس سے کہا تُو کیا چاہتی ہے؟ 19اُس نے کہا مُجھے برکت دے کیونکہ تُو نے جنُوب کے مُلک میں کُچھ زمِین مُجھے عِنایت کی ہے۔ سو مُجھے پانی کے چشمے بھی دے۔ تب اُس نے اُسے اُوپر کے چشمے اور نِیچے کے چشمے عِنایت کِئے۔
یہُوداؔہ کے شہر
20بنی یہُوداؔہ کے قبِیلہ کی مِیراث اُن کے گھرانوں کے مُطابِق یہ ہے۔ 21اور ادوؔم کی سرحد کی طرف جنُوب میں بنی یہُوداؔہ کے اِنتہائی شہر یہ ہیں۔ قبضی ایل اور عیدر اور یجُور۔ 22اور قینہ اور دَیمونہ اور عدعدؔہ۔ 23اور قادِؔس اور حصُور اور اتنان۔ 24زِیف اور تلم اور بعلوؔت۔ 25اور حصُور اور حدتہ اور قریت حصروؔن جو حصُور ہے۔ 26اور امام اور سمع اور مولادہ۔ 27اور حصار جدّہ اور حِشموؔن اور بَیت فلط۔ 28اور حصر سوعاؔل اور بیرسِبع اور بزیو تیاہ۔ 29بعلہ اور عِیِّیم اور عضم۔ 30اور اِلتولد اور کسِیل اور حُرمہ۔ 31اور صِقلاج اور مدمنّہ اور سنسنّاؔہ۔ 32اور لباؤت اور سِلحِیم اور عَین اور رِمّون۔ یہ سب اُنتِیس شہر ہیں اور اِن کے گاؤں بھی ہیں۔
33اور نشیب کی زمِین میں اِستاؔل اور صُرعاہ اور اسناہ۔ 34اور زنُوؔح اور عین جنِیّم۔ تفُّوؔح اور عَیناؔم۔ 35یرموت اور عدُلاّم۔ شوکہ اور عزِیقہ۔ 36اور شعریم اور عدِیتیم اور جِدیرؔہ اور جدیرتِیم۔ یہ چَودہ شہر ہیں اور اُن کے گاؤں بھی ہیں۔
37ضِنان اور حداشہ اور مِجدؔل جد۔ 38اور دِلعاؔن اور مِصفاؔہ اور یقتی ایل۔ 39لکِیس اور بُصقت اور عجلُوؔن۔ 40اور کبُّون اور لحماؔم اور کِتلِیس۔ 41اور جدِیروؔت اور بَیت دؔجون اور نعمہ اور مقّیدہ۔ یہ سولہ شہر ہیں اور اِن کے گاؤں بھی ہیں۔
42لِبناہ اور عتر اور عسن۔ 43اور یِفتاؔح اور اسنہ اور نصِیب۔ 44اور قعِیلہ اور اکزِیب اور مریسہ۔ یہ نَو شہر ہیں اور اِن کے گاؤں بھی ہیں۔
45عقرُوؔن اور اُس کے قصبے اور گاؤں۔ 46عقرُوؔن سے سمُندر تک اشدُود کے پاس کے سب شہر اور اُن کے گاؤں۔
47اشدُود اپنے شہروں اور گاؤں سمیت اور غَزّہ اپنے شہروں اور گاؤں سمیت مِصرؔ کی ندی اور بڑے سمُندر اور اُس کے ساحِل تک۔
48اور کوہِستانی مُلک میں سمِیر اور یتِیر اور شوؔکہ۔ 49اور دنّاہ اور قریت سنّہ جو دبِیر ہے۔ 50اور عناب اور اِستموہ اور عنِیم۔ 51اور جشن اور حولُون اور جِلوہ یہ گیارہ شہر ہیں اور اِن کے گاؤں بھی ہیں۔
52اراب اور دوماہ اور اشعان۔ 53اور ینیِم اور بَیت تفوؔح اور افیقہ۔ 54اور حُمطہ اور قریت اربع جو حبرُوؔن ہے اور صیعُور۔ یہ نَو شہر ہیں اور اِن کے گاؤں بھی ہیں۔
55معُون۔ کرمِل اور زِیف اور یُوطّہ۔ 56یزرعیل اور یقدِعاؔم اور زنُوؔح۔ 57قین۔ جِبعہ اور تِمنہ۔ یہ دس شہر ہیں اور اِن کے گاؤں بھی ہیں۔
58حلحُوؔل اور بَیت صُور اور جدُور۔ 59اور معرات اور بَیت عنوؔت اور اِلتقوؔن۔ یہ چھ شہر ہیں اور اِن کے گاؤں بھی ہیں۔
60قریت بعل جو قریت یعرِؔیم ہے اور رؔبّہ یہ دو شہر ہیں اور اِن کے گاؤں بھی ہیں۔
61اور بیابان میں بَیت عرابہ اور مِدّین اور سکا کہ 62اور نِبساؔن اور نمک کا شہر اور عین جدی۔ یہ چھ شہر ہیں اور اِن کے گاؤں بھی ہیں۔
63اور یبوسیوں کو جو یروشلِیم کے باشِندے تھے بنی یہُوداؔہ نِکال نہ سکے۔ سو یبوسی بنی یہُوداؔہ کے ساتھ آج کے دِن تک یروشلِیم میں بسے ہُوئے ہیں۔
عِلاقہ جو اِفرائِیم کے قبِیلہ کو دِیا گیا اور مغرِب میں منسّی کے قبِیلہ کو دِیا گیا
1اور بنی یُوسفؔ کا حِصّہ قُرعہ ڈال کر یرِیحُو کے پاس کے یَردن سے شرُوع ہُؤا یعنی مشرِق کی طرف یرِیحُو کے چشمے بلکہ بیابان پڑا۔ پِھر اُس کی حد یرِیحُو سے کوہِستانی مُلک ہوتی ہُوئی بَیت ایل کو گئی۔ 2پِھر بَیت ایل سے نِکل کر لُوز کو گئی اور اَرکِیوں کی سرحد کے پاس سے گُذرتی ہُوئی عطاراؔت پُہنچی۔ 3اور وہاں سے مغرِب کی طرف یفلِیطِیوں کی سرحد سے ہوتی ہُوئی نِیچے کے بَیت حَورُوؔن بلکہ جزر کو نِکل گئی اور اُس کا خاتِمہ سمُندر پر ہُؤا۔
4پس بنی یُوسفؔ یعنی منسّی اور اِفرائِیم نے اپنی اپنی مِیراث پر قبضہ کِیا۔
اِفرائِیم کا عِلاقہ
5اور بنی اِفرائِیم کی سرحد اُن کے گھرانوں کے مُطابِق یہ تھی۔ مشرِق کی طرف اُوپر کے بَیت حَورُوؔن تک عطاراؔت ادار اُن کی حد ٹھہری۔ 6اور شِمال کی طرف وہ حد مغرِب کے مکمتاہ ہوتی ہُوئی مشرِق کی طرف تانت سَیلا کو مُڑی اور وہاں سے ینُوحاؔہ کے مشرِق کو گئی۔ 7اور ینُوحاؔہ سے عطاراؔت اور نعراتہ ہوتی ہُوئی یرِیحُو پُہنچی اور پِھر یَردؔن کو جا نِکلی۔ 8اور وہ حد تفُّوؔح سے نِکل کر مغرِب کی طرف قاناہ کے نالے کو گئی اور اُس کا خاتِمہ سمُندر پر ہُؤا۔ بنی اِفرائِیم کے قبِیلہ کی مِیراث اُن کے گھرانوں کے مُطابِق یِہی ہے۔ 9اور اِس کے ساتھ بنی اِفرائِیم کے لِئے بنی منسّی کی مِیراث میں بھی شہر الگ کِئے گئے اور اُن سب شہروں کے ساتھ اُن کے گاؤں بھی تھے۔ 10اور اُنہوں نے کنعانیوں کو جو جزر میں رہتے تھے نہ نِکالا بلکہ وہ کنعانی آج کے دِن تک افرائِیمِیوں میں بسے ہُوئے ہیں اور خادِم بن کر بیگار کا کام کرتے ہیں۔
مغرِب میں منّسی کا عِلاقہ
1اور منسّی کے قبِیلہ کا حِصّہ قُرعہ ڈال کر یہ ٹھہرا کیونکہ وہ یُوسفؔ کا پہلوٹھا تھا اور چُونکہ منسّی کا پہلوٹھا بیٹا مکِیر جو جِلعاد کا باپ تھا جنگی مَرد تھا اِس لِئے اُس کو جِلعاد اور بسن مِلے۔ 2سو یہ حِصّہ بنی منسّی کے باقی لوگوں کے لِئے اُن کے گھرانوں کے مُطابِق تھا یعنی بنی اَبِیعزر اور بنی خلق اور بنی اسری ایل اور بنی سِکم اور بنی حِفر اور بنی سمیدع کے لِئے۔ یُوسفؔ کے بیٹے منسّی کے فرزندِ نرِینہ اپنے اپنے گھرانے کے مُطابِق یِہی تھے۔ 3اور صلافِحاد بِن حِفر بِن جِلعاد بِن مکِیر بِن منسّی کے بیٹے نہیں بلکہ بیٹِیاں تِھیں اور اُس کی بیٹِیوں کے نام یہ ہیں محلاہ اور نُوعاہ اور حجلاہ اور مِلکاہ اور تِرضاہ۔ 4سو وہ الِیعزر کاہِن اور نُون کے بیٹے یشُوع اور سرداروں کے آگے آ کر کہنے لگِیں کہ خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا کہ وہ ہم کو ہمارے بھائِیوں کے درمِیان مِیراث دے چُنانچہ خُداوند کے حُکم کے مُطابِق اُس نے اُن کے باپ کے بھائیوں کے درمِیان اُن کو مِیراث دی۔ 5سو منسّی کو جِلعاد اور بسن کے مُلک کو چھوڑ کر جو یَردن کے اُس پار ہے دس حِصّے اَور مِلے۔ 6کیونکہ منسّی کی بیٹِیوں نے بھی بیٹوں کے ساتھ مِیراث پائی اور منسّی کے باقی بیٹوں کو جِلعاد کا مُلک مِلا۔
7اور آشر سے لے کر مِکمتاؔہ تک جو سِکم کے مُقابِل ہے منسّی کی حد تھی اور وُہی حد دہنے ہاتھ پر عین تفُّوؔح کے باشِندوں تک چلی گئی۔ 8یُوں تفُّوؔح کی زمِین تو منسّی کی ہُوئی پر تفُّوؔح شہر جو منسّی کی سرحد پر تھا بنی اِفرائِیم کا حِصّہ ٹھہرا۔ 9پِھر وہاں سے وہ حد قاناہ کے نالے کو اُتر کر اُس کے جنُوب کی طرف پُہنچی۔ یہ شہر جو منسّی کے شہروں کے درمِیان ہیں اِفرائِیم کے ٹھہرے اور منسّی کی حد اُس نالے کے شِمال کی طرف سے ہو کر سمُندر پر ختم ہُوئی۔ 10سو جنُوب کی طرف اِفرائِیم کی اور شِمال کی طرف منسّی کی مِیراث پڑی اور اُس کی سرحد سمُندر تھی۔ یُوں وہ دونوں شِمال کی طرف آشر سے اور مشرِق کی طرف اِشکار سے جا مِلیں۔ 11اور اِشکار اور آشر کی حد میں بَیت شان اور اُس کے قصبے اور اِبلیعامؔ اور اُس کے قصبے اور اہلِ دور اور اُس کے قصبے اور اہلِ عین دؔور اور اُس کے قصبے اور اہلِ تعناک اور اُس کے قصبے اور اہلِ مجِدّو اور اُس کے قصبے بلکہ تِینوں مُرتفع مقامات منسّی کو مِلے۔ 12تَو بھی بنی منسّی اُن شہروں کے رہنے والوں کو نِکال نہ سکے بلکہ اُس مُلک میں کنعانی بسے ہی رہے۔ 13اور جب بنی اِسرائیل زورآور ہو گئے تو اُنہوں نے کنعانیوں سے بیگار کا کام لِیا اور اُن کو بِالکُل نِکال باہر نہ کِیا۔
اِفرائِیم اور منّسی کے قبِیلوں نے درخواست کی کہ ہمیں زیادہ علاقہ دِیا جائے
14اور بنی یُوسفؔ نے یشُوع سے کہا کہ تُو نے کیوں قُرعہ ڈال کر ہم کو فقط ایک ہی حِصّہ مِیراث کے لِئے دِیا اگرچہ ہم بڑی قَوم ہیں کیونکہ خُداوند نے ہم کو برکت دی ہے؟
15یشُوع نے اُن کو جواب دِیا کہ اگر تُم بڑی قَوم ہو تو جنگل میں جاؤ اور وہاں فرزّیوں اور رفائِیم کے مُلک کو اپنے لِئے کاٹ کر صاف کر لو کیونکہ اِفرائِیم کا کوہِستانی مُلک تُمہارے لِئے بُہت تنگ ہے۔
16بنی یُوسفؔ نے کہا کہ یہ کوہِستانی مُلک ہمارے لِئے کافی نہیں ہے اور سب کنعانیوں کے پاس جو نشیب کے مُلک میں رہتے ہیں یعنی وہ جو بَیت شاؔن اور اُس کے قصبوں میں اور وہ جو یِزرعیل کی وادی میں رہتے ہیں دونوں کے پاس لوہے کے رتھ ہیں۔
17یشُوع نے بنی یُوسفؔ یعنی اِفرائِیم اور منسّی سے کہا کہ تُم بڑی قَوم ہو اور بڑا زور رکھتے ہو۔ سو تُمہارے لِئے فقط ایک ہی حِصّہ نہ ہو گا۔ 18بلکہ یہ کوہِستانی مُلک بھی تُمہارا ہو گا کیونکہ اگرچہ وہ جنگل ہے تُم اُسے کاٹ کر صاف کر ڈالنا اور اُس کے مخارِج بھی تُمہارے ہی ٹھہریں گے کیونکہ تُم کنعانیوں کو نِکال دو گے اگرچہ اُن کے پاس لوہے کے رتھ ہیں اور وہ زورآور بھی ہیں۔
باقی سرزمِین کی تقسِیم
1اور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت نے سیَلا میں جمع ہو کر خَیمۂِ اِجتماع کو وہاں کھڑا کِیا اور وہ مُلک اُن کے آگے مغلُوب ہو چُکا تھا۔ 2اور بنی اِسرائیل میں سات قبِیلے اَیسے رہ گئے تھے جِن کی مِیراث اُن کو تقسِیم ہونے نہ پائی تھی۔ 3اور یشُوع نے بنی اِسرائیل سے کہا کہ تُم کب تک اُس مُلک پر قبضہ کرنے میں جو خُداوند تُمہارے باپ دادا کے خُدا نے تُم کو دِیا ہے سُستی کرو گے؟ 4سو تُم اپنے لِئے ہر قبِیلہ میں سے تِین شخص چُن لو۔ مَیں اُن کو بھیجُوں گا اور وہ جا کر اُس مُلک میں سَیر کریں گے اور اپنی اپنی مِیراث کے مُوافِق اُس کا حال لِکھ کر میرے پاس آئیں گے۔ 5وہ اُس کے سات حِصّے کریں گے۔ یہُوداؔہ اپنی سرحد میں جنُوب کی طرف اور یُوسفؔ کا خاندان اپنی سرحد میں شِمال کی طرف رہے گا۔ 6سو تُم اُس مُلک کے سات حِصّے لِکھ کر میرے پاس یہاں لاؤ تاکہ مَیں خُداوند کے آگے جو ہمارا خُدا ہے تُمہارے لِئے قُرعہ ڈالُوں۔ 7کیونکہ تُمہارے درمِیان لاویوں کا کوئی حِصّہ نہیں اِس لِئے کہ خُداوند کی کہانت اُن کی مِیراث ہے اور جدّ اور رُوبِن اور منسّی کے آدھے قبِیلہ کو یَردن کے اُس پار مشرِق کی طرف مِیراث مِل چُکی ہے جِسے خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے اُن کو دِیا۔
8پس وہ مَرد اُٹھ کر روانہ ہُوئے اور یشُوع نے اُن کو جو اُس مُلک کا حال لِکھنے کے لِئے گئے تاکِید کی کہ تُم جا کر اُس مُلک میں سَیر کرو اور اُس کا حال لِکھ کر پِھر میرے پاس آؤ اور مَیں سَیلا میں خُداوند کے آگے تُمہارے لِئے قُرعہ ڈالُوں گا۔ 9چُنانچہ اُنہوں نے جا کر اُس مُلک میں سَیر کی اور شہروں کے سات حِصّے کر کے اُن کا حال کِتاب میں لِکھا اور سَیلا کی خَیمہ گاہ میں یشُوع کے پاس لَوٹے۔ 10تب یشُوع نے سَیلا میں اُن کے لِئے خُداوند کے حضُور قُرعہ ڈالا اور وہِیں یشُوع نے اُس مُلک کو بنی اِسرائیل کی تقسِیموں کے مُطابِق اُن کو بانٹ دِیا۔
عِلاقہ جو بِنیمِین کے قبِیلہ کو دِیا گیا
11اور بنی بِنیمِین کے قبِیلہ کا قُرعہ اُن کے گھرانوں کے مُطابِق نِکلا اور اُن کے حِصّہ کی حدّ بنی یہُوداؔہ اور بنی یُوسفؔ کے درمِیان پڑی۔ 12سو اُن کی شِمالی حد یَردن سے شرُوع ہُوئی اور یہ حد یرِیحُو کے پاس سے شِمال کی طرف گُذر کر کوہِستانی مُلک سے ہوتی ہُوئی مغرِب کی طرف بَیت آون کے بیابان تک پُہنچی۔ 13اور وہ حد وہاں سے لُوز کو جو بَیت ایل ہے گئی اور لُوز کے جنُوب سے اُس پہاڑ کے برابر ہوتی ہُوئی جو نِیچے کے بَیت حورُوؔن کے جنُوب میں سے عطارات ادار کو جا نِکلی۔ 14اور وہ مغرِب کی طرف سے مُڑ کر جنُوب کو جُھکی اور بَیت حورُوؔن کے سامنے کے پہاڑ سے ہوتی ہُوئی جنُوب کی طرف بنی یہُوداؔہ کے ایک شہر قریتِ بعل تک جو قریت یعرؔیم ہے چلی گئی۔ یہ مغرِبی حِصّہ تھا۔ 15اور جنُوبی حد قریت یعرِؔیم کی اِنتِہا سے شرُوع ہُوئی اور وہ حد مغرِب کی طرف آبِ نفتوح کے چشمہ تک چلی گئی۔ 16اور وہاں سے وہ حد اُس پہاڑ کے سِرے تک جو ہِنّوم کے بیٹے کی وادی کے سامنے ہے گئی۔ یہ رفائِیم کی وادی کے شِمال میں ہے اور پِھر وہاں سے جنُوب کی طرف ہِنّوم کی وادی اور یبُوسِیوں کے برابر سے گُذرتی ہُوئی عین راجِل پُہنچی۔ 17وہاں سے وہ شِمال کی طرف مُڑ کر اور عَین شمس سے گُذرتی ہُوئی جلِیلوت کو گئی جو ادُمیّم کی چڑھائی کے مُقابِل ہے اور وہاں سے رُوبِن کے بیٹے بوہَن کے پتّھر تک پُہنچی۔ 18اور پِھر شِمال کو جا کر مَیدان کے مُقابِل کے رُخ سے نِکلتی ہُوئی مَیدان ہی میں جا اُتری۔ 19پِھر وہ حد وہاں سے بَیت حُجلہ کے شِمالی پہلُو تک پُہنچی اور اُس حد کا خاتِمہ دریایِ شور کی شِمالی کھاڑی پر ہُؤا جو یَردن کے جنُوبی سِرے پر ہے۔ یہ جنُوب کی حد تھی۔ 20اور اُس کی مشرِقی سِمت کی حد یَردن ٹھہرا۔ بنی بِنیمِین کی مِیراث اُن کی چَوگِرد کی حدّوں کے اِعتبار سے اور اُن کے گھرانوں کے مُوافِق یہ تھی۔
21اور بنی بِنیمِین کے قبِیلہ کے شہر اُن کے گھرانوں کے مُوافِق یہ تھے۔ یرِیحُو اور بَیت حُجلہ اور عیمق قصیص۔ 22اور بَیت عرابہ اور صمریمؔ اور بَیت اؔیل۔ 23اور عوّیم اور فارہ اور عُفرہ۔ 24اور کفَر العمُّوؔنی اور عُفنی اور جِبع۔ یہ بارہ شہر تھے اور اِن کے گاؤں بھی تھے۔ 25اور جِبعوؔن اور رامہ اور بیروؔت۔ 26مِصفاہ اور کفِیرؔہ اور موضہ۔ 27اور رقم اور ارفیل اور تراؔلہ۔ 28اور ضِلع الف اور یبُوسِیوں کا شہر جو یرُوشلِیم ہے اور جِبعت اور قرؔیت۔ یہ چَودہ شہر ہیں اور اِن کے گاؤں بھی ہیں۔ بنی بِنیمِین کی مِیراث اُن کے گھرانوں کے مُوافِق یہ ہے۔
عِلاقہ جو شمعُون کے قبِیلہ کو دِیا گیا
1اور دُوسرا قُرعہ شِمعُوؔن کے نام پر بنی شمعُون کے قبِیلہ کے واسطے اُن کے گھرانوں کے مُوافِق نِکلا اور اُن کی مِیراث بنی یہُوداؔہ کی مِیراث کے درمِیان تھی۔ 2اور اُن کی مِیراث میں بیرسِبع یا سبع تھا اور مولادؔہ۔ 3اور حصارسعوؔل اور بالاؔہ اور عضم۔ 4اور التولد اور بتُول اور حُرمہ۔ 5اور صِقلاج اور بَیت مرکبوؔت اور حصار سُوسہ۔ 6اور بَیت لِباؤؔت اور ساروحن۔ یہ تیرہ شہر تھے اور اِن کے گاؤں بھی تھے۔
7عَین اور رِمّون اور عتر اور عسن۔ یہ چار شہر تھے اور اِن کے گاؤں بھی تھے۔ 8اور وہ سب گاؤں بھی اِن کے تھے جو اِن شہروں کے آس پاس بعلات بیر یعنی جنُوب کے رامہ تک ہیں۔ بنی شمعُون کے قبِیلہ کی مِیراث اُن کے گھرانوں کے مُوافِق یہ ٹھہری۔ 9بنی یہُوداؔہ کی مِلکِیّت میں سے بنی شمعُون کی مِیراث لی گئی کیونکہ بنی یہُوداؔہ کا حِصّہ اُن کے واسطے بُہت زِیادہ تھا۔ اِس لِئے بنی شمعُون کو اُن کی مِیراث کے درمِیان مِیراث مِلی۔
عِلاقہ جو زبُولُون کے قبِیلہ کو دِیا گیا
10اور تِیسرا قُرعہ بنی زبُولُون کا اُن کے گھرانوں کے مُوافِق نِکلا اور اُن کی مِیراث کی حد سارِید تک تھی۔ 11اور اُن کی حد مغرِب کی طرف مرعلہ ہوتی ہُوئی دبّاست تک گئی اور اُس ندی سے جو یُقنِعام کے آگے ہے جا مِلی۔ 12اور سارِید سے مشرِق کی طرف مُڑ کر وہ کِسلوؔت تبُور کی سرحد کو گئی اور وہاں سے دبرت ہوتی ہُوئی یفیعِ کو جا نِکلی۔ 13اور وہاں سے مشرِق کی طرف جتہ حیفر اور عِتّہ قاؔضِین سے گُذرتی ہُوئی رِمّوُن کو گئی جو نِیعہ تک پَھیلا ہُؤا ہے۔ 14اور وہ حد اُس کے شِمال سے مُڑ کر حنّاتوؔن کو گئی اور اُس کا خاتِمہ اِفتاح ایل کی وادی پر ہُؤا۔ 15اور قطّات اور نحلاؔل اور سِمروؔن اور ادالہ اور بَیت لحم۔ یہ بارہ شہر اور اِن کے گاؤں اِن لوگوں کے ٹھہرے۔ 16یہ سب شہر اور اِن کے گاؤں بنی زبُولُون کے گھرانوں کے مُوافِق اُن کی مِیراث ہے۔
عِلاقہ جو اِشکار کے قبِیلہ کو دِیا گیا
17اور چَوتھا قُرعہ اِشکار کے نام پر بنی اِشکار کے لِئے اُن کے گھرانوں کے مُوافِق نِکلا۔ 18اور اُن کی حد یِزرعیل اور کِسُولوؔت اور شُونِیم۔ 19اور حفارِیم اور شیُون اور اناخراؔت۔ 20اور ربَیت اور قِسیون اور اِبض۔ 21اور ریِمت اور عَین جنِّیم اور عَین حدّہ اور بَیت فصیص تک تھی۔ 22اور وہ حد تبُور اور شخصِیماہ اور بَیت شمس سے جا مِلی اور اُن کی حد کا خاتِمہ یَردن پر ہُؤا۔ یہ سولہ شہر تھے اور اِن کے گاؤں بھی تھے۔ 23یہ شہر اور اِن کے گاؤں بنی اِشکار کے گھرانوں کے مُوافِق اُن کی مِیراث ہے۔
عِلاقہ جو آشر کے قبِیلہ کو دِیا گیا
24اور پانچواں قُرعہ بنی آشر کے قبِیلہ کے لِئے اُن کے گھرانوں کے مُوافِق نِکلا۔ 25اور خِلقت اور حلی اور بطن اور اکشاؔف۔ 26اور اُلمّلک اور عماد اور مِسال اُن کی حد ٹھہرے اور مغرِب کی طرف وہ کرمِل اور سِیُحور لِبنات تک پُہنچی۔ 27اور وہ مشرِق کی طرف مُڑ کر بَیت دجوؔن کو گئی اور پِھر زبُولُون تک اور وادیِ اِفتاح ایل کے شِمال سے ہو کر بَیت اؔلعمق اور نفی ایل تک پُہنچی اور پِھر کبُوؔل کے بائیں کو گئی۔ 28اور عبرُوؔن اور رحوب اور حمّون اور قاناہ بلکہ بڑے صَیدا تک پُہنچی۔ 29پِھر وہ حدّ رامہ ضُور کے فصِیل دار شہر کی طرف کو جُھکی اور وہاں سے مُڑ کر حوسہ تک گئی اور اُس کا خاتِمہ اَکزِیب کی نواحی کے سمُندر پر ہُؤا۔ 30اور عُمّہ اور اِفیق اور رحوؔب بھی اِن کو مِلے۔ یہ بائِیس شہر تھے اور اِن کے گاؤں بھی تھے۔ 31بنی آشر کے قبِیلہ کی مِیراث اُن کے گھرانوں کے مُوافِق یہ شہر اور اِن کے گاؤں تھے۔
عِلاقہ جو نفتالی کے قبِیلہ کو دِیا گیا
32چھٹا قُرعہ بنی نفتالی کے نام پر بنی نفتالی کے قبِیلہ کے لِئے اُن کے گھرانوں کے مُوافِق نِکلا۔ 33اور اُن کی سرحد حلف سے اور ضعننّیِم کے بلُوط سے ادامی نقب اور یبنی ایل ہوتی ہُوئی لقُوم تک تھی اور اُس کا خاتِمہ یَردن پر ہُؤا۔ 34اور وہ حد مغرِب کی طرف مُڑ کر ازنُوت تبُور سے گُذرتی ہُوئی حُقّوق کو گئی اور جنُوب میں زبُولُون تک اور مغرِب میں آشر تک اور مشرِق میں یہُوداؔہ کے حِصّہ کے یَردن تک پُہنچی۔ 35اور فصِیل دار شہر یہ ہیں یعنی صِدّیم اور صیر اور حمّات اور رقّت اور کِنّرت۔ 36اور ادامہ اور رامہ اور حصُور۔ 37اور قادِؔس اور ادرعی اور عَین حصُور۔ 38اور ارون اور مِجداؔل ایل اور حُرِیم اور بَیت عنات اور بَیت شمس۔ یہ اُنِیس شہر تھے اور اِن کے گاؤں بھی تھے۔ 39یہ شہر اور اِن کے گاؤں بنی نفتالی کے قبِیلہ کے گھرانوں کے مُوافِق اُن کی مِیراث ہے۔
عِلاقہ جو دان کے قبِیلہ کو دِیا گیا
40اور ساتواں قُرعہ بنی دان کے قبِیلہ کے لِئے اُن کے گھرانوں کے مُوافِق نِکلا۔ 41اور اُن کی مِیراث کی حد یہ ہے۔ صرعاہ اور اِستاؔل اور عیرشمس۔ 42اور شعلبِین اور ایّالوؔن اور اِتلاؔہ۔ 43اور ایلوؔن اور تِمناتہ اور عقرُون۔ 44اور اِلِتقیہ اور جِبّتوؔن اور بعلات۔ 45اور یہُود اور بنی برق اور جات رِؔمّون۔ 46اور مے یرقُوؔن اور رِقُّون مع اُس سرحد کے جو یافہ کے مُقابِل ہے۔ 47اور بنی دان کی حد اُن کی اِس حد کے علاوہ بھی تھی کیونکہ بنی دان نے جا کر لشم سے جنگ کی اور اُسے سر کر کے اُس کو تلوار کی دھار سے مارا اور اُس پر قبضہ کر کے وہاں بسے اور اپنے باپ دان کے نام پر لشم کا نام دان رکھّا۔ 48یہ سب شہر اور اِن کے گاؤں بنی دان کے قبِیلہ کے گھرانوں کے مُوافِق اُن کی مِیراث ہے۔
آخِر میں عِلاقہ کی خصُوصی تقسِیم
49پس وہ اُس مُلک کو مِیراث کے لِئے اُس کی سرحدّوں کے مُطابِق تقسِیم کرنے سے فارِغ ہُوئے اور بنی اِسرائیل نے نُون کے بیٹے یشُوع کو اپنے درمِیان مِیراث دی۔ 50اُنہوں نے خُداوند کے حُکم کے مُطابِق وُہی شہر جِسے اُس نے مانگا تھا یعنی اِفرائِیم کے کوہِستانی مُلک کا تِمنت سرح اُسے دِیا اور وہ اُس شہر کو تعمِیر کر کے اُس میں بس گیا۔
51یہ وہ مِیراثی حِصّے ہیں جِن کو الِیعزر کاہِن اور نُون کے بیٹے یشُوع اور بنی اِسرائیل کے قبِیلوں کے آبائی خاندانوں کے سرداروں نے سَیلا میں خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے حضُور قُرعہ ڈال کر مِیراث کے لِئے تقسِیم کِیا۔ یُوں وہ اُس مُلک کی تقسِیم سے فارِغ ہُوئے۔
پناہ کے شہر
1اور خُداوند نے یشُوع سے کہا کہ 2بنی اِسرائیل سے کہہ کہ اپنے لِئے پناہ کے شہر جِن کی بابت مَیں نے مُوسیٰ کی معرفت تُم کو حُکم کِیا مُقرّر کرو۔ 3تاکہ وہ خُونی جو بُھول سے اور نادانِستہ کِسی کو مار ڈالے وہاں بھاگ جائے اور وہ خُون کے اِنتِقام لینے والے سے تُمہاری پناہ ٹھہریں۔ 4وہ اُن شہروں میں سے کِسی میں بھاگ جائے اور اُس شہر کے دروازہ پر کھڑا ہو کر اُس شہر کے بزُرگوں کو اپنا حال کہہ سُنائے۔ تب وہ اُسے شہر میں اپنے ہاں لے جا کر کوئی جگہ دیں تاکہ وہ اُن کے درمِیان رہے۔ 5اور اگر خُون کا اِنتِقام لینے والا اُس کا پِیچھا کرے تو وہ اُس خُونی کو اُس کے حوالہ نہ کریں کیونکہ اُس نے اپنے پڑوسی کو نادانِستہ مارا اور پہلے سے اُس کی اُس سے عداوت نہ تھی۔ 6اور وہ جب تک فَیصلہ کے لِئے جماعت کے آگے کھڑا نہ ہو اور اُن دِنوں کا سردار کاہِن مَر نہ جائے تب تک اُسی شہر میں رہے۔ اِس کے بعد وہ خُونی لَوٹ کر اپنے شہر اور اپنے گھر میں یعنی اُسی شہر میں آئے جہاں سے وہ بھاگا تھا۔
7پس اُنہوں نے نفتالی کے کوہِستانی مُلک میں جلِیل کے قادِس کو اور اِفرائِیم کے کوہِستانی مُلک میں سِکم کو اور یہُوداؔہ کے کوہِستانی مُلک میں قریت اؔربع کو جو حبرُوؔن ہے الگ کِیا۔ 8اور یرِیحُو کے پاس کے یَردن کے مشرِق کی طرف رُوبِن کے قبِیلہ کے مَیدان میں بصر کو جو بیابان میں ہے اور جدّ کے قبِیلہ کے حِصّہ میں رامہ کو جو جِلعاد میں ہے اور منسّی کے قبِیلہ کے حِصّہ میں جولاؔن کو جو بسن میں ہے مُقرّر کِیا۔ 9یِہی وہ شہر ہیں جو سب بنی اِسرائیل اور اُن مُسافِروں کے لِئے جو اُن کے درمِیان بستے ہیں اِس لِئے ٹھہرائے گئے کہ جو کوئی نادانِستہ کِسی کو قتل کرے وہ وہاں بھاگ جائے اور جب تک وہ جماعت کے آگے کھڑا نہ ہو تب تک خُون کے اِنتِقام لینے والے کے ہاتھ سے مارا نہ جائے۔
لاویوں کے شہر
1تب لاویوں کے آبائی خاندانوں کے سردار الِیعزر کاہِن اور نُون کے بیٹے یشُوع اور بنی اِسرائیل کے قبِیلوں کے آبائی خاندانوں کے سرداروں کے پاس آئے۔ 2اور مُلکِ کنعانؔ کے سَیلا میں اُن سے کہنے لگے کہ خُداوند نے مُوسیٰ کی معرفت ہمارے رہنے کے لِئے شہر اور ہمارے چَوپایوں کے لِئے اُن کی نواحی کے دینے کا حُکم کِیا تھا۔ 3سو بنی اِسرائیل نے اپنی اپنی مِیراث میں سے خُداوند کے حُکم کے مُطابِق یہ شہر اور اِن کی نواحی لاویوں کو دِیں۔
4اور قُرعہ قہاتِیوں کے گھرانوں کے نام پر نِکلا اور ہارُونؔ کاہِن کی اَولاد کو جو لاویوں میں سے تھی قُرعہ سے یہُوداؔہ کے قبِیلہ اور شمعُوؔن کے قبِیلہ اور بِنیمِین کے قبِیلہ میں سے تیرہ شہر مِلے۔ 5اور باقی بنی قہات کو اِفرائِیم کے قبِیلہ کے گھرانوں اور دان کے قبِیلہ اور منسّی کے آدھے قبِیلہ میں سے دس شہر قُرعہ سے مِلے۔
6اور بنی جَیرسون کو اِشکار کے قبِیلہ کے گھرانوں اور آشر کے قبِیلہ اور نفتالی کے قبِیلہ اور منسّی کے آدھے قبِیلہ میں سے جو بسن میں ہے تیرہ شہر قُرعہ سے مِلے۔
7اور بنی مراری کو اُن کے گھرانوں کے مُطابِق رُوبِن کے قبِیلہ اور جد کے قبِیلہ اور زبُولُون کے قبِیلہ میں سے بارہ شہر مِلے۔
8اور بنی اِسرائیل نے قُرعہ ڈال کر اِن شہروں اور اِن کی نواحی کو جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کی معرفت فرمایا تھا لاویوں کو دِیا۔
9اُنہوں نے بنی یہُوداؔہ کے قبِیلہ اور بنی شمعُون کے قبِیلہ میں سے یہ شہر دِئے جِن کے نام یہاں مذکُور ہیں۔ 10اور یہ قہاتِیوں کے خاندانوں میں سے جو لاوؔی کی نسل میں سے تھے بنی ہارُون کو مِلے کیونکہ پہلا قُرعہ اُن کے نام کا تھا۔ 11سو اُنہوں نے یہُوداؔہ کے کوہِستانی مُلک میں عناق کے باپ اربع کا شہر قریت اؔربع جو حبرُوؔن کہلاتا ہے مع اُس کی نواحی کے اُن کو دِیا۔ 12لیکن اُس شہر کے کھیتوں اور گاؤں کو اُنہوں نے یُفنّہ کے بیٹے کالِب کو مِیراث کے طَور پر دِیا۔
13سو اُنہوں نے ہارُونؔ کاہِن کی اَولاد کو حبُروؔن جو خُونی کی پناہ کا شہر تھا اور اُس کی نواحی اور لِبناہ اور اُس کی نواحی۔ 14اور یتِیر اور اُس کی نواحی اور اِسِتموؔع اور اُس کی نواحی۔ 15اور حولوؔن اور اُس کی نواحی اور دبِیر اور اُس کی نواحی۔ 16اور عَین اور اُس کی نواحی اور یُوطہ اور اُس کی نواحی اور بَیت شمس اور اُس کی نواحی یعنی یہ نَو شہر اُن دونوں قبِیلوں سے لے کر دِئے۔ 17اور بِنیمِین کے قبِیلہ سے جِبعوؔن اور اُس کی نواحی اور جِبع اور اُس کی نواحی۔ 18اور عنتوت اور اُس کی نواحی اور علموؔن اور اُس کی نواحی۔ یہ چار شہر دِئے گئے۔ 19سو بنی ہارُون کے جو کاہِن ہیں سب شہر تیرہ تھے جِن کے ساتھ اُن کی نواحی بھی تھی۔
20اور بنی قِہات کے گھرانوں کو جو لاوی تھے یعنی باقی بنی قِہات کو اِفراؔئِیم کے قبِیلہ سے یہ شہر قُرعہ سے مِلے۔ 21اور اُنہوں نے اِفرائِیم کے کوہِستانی مُلک میں اُن کو سِکم شہر اور اُس کی نواحی تو خُونی کی پناہ کے لِئے اور جزر اور اُس کی نواحی۔ 22اور قبِضَیم اور اُس کی نواحی اور بَیت حورُوؔن اور اُس کی نواحی یہ چار شہر دِئے۔ 23اور دان کے قبِیلہ سے اِلتِقیہ اور اُس کی نواحی اور جِبّتُون اور اُس کی نواحی۔ 24اور ایّالوؔن اور اُس کی نواحی اور جات رِمّون اور اُس کی نواحی۔ یہ چار شہر دِئے۔ 25اور منسّی کے آدھے قبِیلہ سے تعناک اور اُس کی نواحی اور جات رِؔمّون اور اُس کی نواحی۔ یہ دو شہر دِئے۔ 26باقی بنی قِہات کے گھرانوں کے سب شہر اپنی اپنی نواحی سمیت دس تھے۔
27اور بنی جَیرسون کو جو لاویوں کے گھرانوں میں سے ہیں منسّی کے دُوسرے آدھے قبِیلہ میں سے اُنہوں نے بسن میں جولان اور اُس کی نواحی تو خُونی کی پناہ کے لِئے اور بعِستراؔہ اور اُس کی نواحی یہ دو شہر دِئے۔ 28اور اِشکار کے قبِیلہ سے قِسیُوؔن اور اُس کی نواحی اور دبرؔت اور اُس کی نواحی۔ 29یرموؔت اور اُس کی نواحی اور عَین جنیِّم اور اُس کی نواحی۔ یہ چار شہر دِئے۔ 30اور آشر کے قبِیلہ سے مساؔل اور اُس کی نواحی اور عبدوؔن اور اُس کی نواحی۔ 31خِلقت اور اُس کی نواحی اور رحوب اور اُس کی نواحی۔ یہ چار شہر دِئے۔ 32اور نفتالی کے قبِیلہ جلِیل میں قادِس اور اُس کی نواحی تو خُونی کی پناہ کے لِئے اور حمّات دور اور اُس کی نواحی اور قرتان اور اُس کی نواحی۔ یہ تِین شہر دِئے۔ 33سو جَیرسونیوں کے گھرانوں کے مُطابِق اُن کے سب شہر اپنی اپنی نواحی سمیت تیرہ تھے۔
34اور بنی مِراری کے گھرانوں کو جو باقی لاوی تھے زبُولُون کے قبِیلہ سے یقنِعام اور اُس کی نواحی۔ قرتاہ اور اُس کی نواحی۔ 35دِمنہ اور اُس کی نواحی۔ نہلاؔل اور اُس کی نواحی۔ یہ چار شہر دِئے۔ 36اور رُوبِن کے قبِیلہ سے بصر اور اُس کی نواحی۔ یہصہ اور اُس کی نواحی۔ 37قَدِیماؔت اور اُس کی نواحی اور مفعت اور اُس کی نواحی۔ یہ چار شہر دِئے۔ 38اور جد کے قبِیلہ سے جِلعاد میں رامہ اور اُس کی نواحی تو خُونی کی پناہ کے لِئے اور محنایم اور اُس کی نواحی۔ 39حسبوؔن اور اُس کی نواحی۔ یعزؔیر اور اُس کی نواحی۔ کُل چار شہر دِئے۔ 40سو یہ سب شہر اُن کے گھرانوں کے مُطابِق بنی مراری کے تھے۔ جو لاویوں کے گھرانوں کے باقی لوگ تھے اُن کو قُرعہ سے بارہ شہر مِلے۔
41پس بنی اِسرائیل کی مِلکِیّت کے درمِیان لاویوں کے سب شہر اپنی اپنی نواحی سمیت اڑتالِیس تھے۔ 42اُن شہروں میں سے ہر ایک شہر اپنے گِرد کی نواحی سمیت تھا۔ سب شہر اَیسے ہی تھے۔
بنی اِسرائیل مُلک پر قبضہ کرتے ہیں
43یُوں خُداوند نے اِسرائیلِیوں کو وہ سارا مُلک دِیا جِسے اُن کے باپ دادا کو دینے کی قَسم اُس نے کھائی تھی اور وہ اُس پر قابِض ہو کر اُس میں بس گئے۔ 44اور خُداوند نے اُن سب باتوں کے مُطابِق جِن کی قَسم اُس نے اُن کے باپ دادا سے کھائی تھی چاروں طرف سے اُن کو آرام دِیا اور اُن کے سب دُشمنوں میں سے ایک آدمی بھی اُن کے سامنے کھڑا نہ رہا۔ خُداوند نے اُن کے سب دُشمنوں کو اُن کے قبضہ میں کر دِیا۔ 45اور جِتنی اچّھی باتیں خُداوند نے اِسرائیلؔ کے گھرانے سے کہی تِھیں اُن میں سے ایک بھی نہ چُھوٹی۔ سب کی سب پُوری ہُوئِیں۔
یشُوع مشرِقی قبِیلوں کو اُن کے عِلاقوں میں بھیجتا ہے
1اُس وقت یشُوع نے رُوبِینیوں اور جدّیوں اور منسّی کے آدھے قبِیلہ کو بُلا کر۔ 2اُن سے کہا کہ سب کُچھ جو خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے تُم کو فرمایا تُم نے مانا اور جو کُچھ مَیں نے تُم کو حُکم دِیا اُس میں تُم نے میری بات مانی۔ 3تُم نے اپنے بھائیوں کو اِس مُدّت میں آج کے دِن تک نہیں چھوڑا بلکہ خُداوند اپنے خُدا کے حُکم کی تاکِید پر عمل کِیا۔ 4اور اب خُداوند تُمہارے خُدا نے تُمہارے بھائیوں کو جَیسا اُس نے اُن سے کہا تھا آرام بخشا ہے سو تُم اب لَوٹ کر اپنے اپنے ڈیرے کو اپنی مِیراثی سرزمِین میں جو خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے یَردن کے اُس پار تُم کو دی ہے چلے جاؤ۔ 5فقط اُس فرمان اور شرع پر عمل کرنے کی نِہایت اِحتیاط رکھنا جِس کا حُکم خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے تُم کو دِیا کہ تُم خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھّو اور اُس کی سب راہوں پر چلو اور اُس کے حُکموں کو مانو اور اُس سے لِپٹے رہو اور اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے اُس کی بندگی کرو۔ 6اور یشُوع نے برکت دے کر اُن کو رُخصت کِیا اور وہ اپنے اپنے ڈیرے کو چلے گئے۔
7منسّی کے آدھے قبِیلہ کو تو مُوسیٰ نے بسن میں مِیراث دی تھی لیکن اُس کے دُوسرے آدھے کو یشُوع نے اُن کے بھائیوں کے درمِیان یَردن کے اِس پار مغرِب کی طرف حِصّہ دِیا اور جب یشُوع نے اُن کو رُخصت کِیا کہ اپنے اپنے ڈیرے کو جائیں تو اُن کو بھی برکت دے کر۔ 8اُن سے کہا کہ بڑی دَولت اور بُہت سے چَوپائے اور چاندی اور سونا اور پِیتل اور لوہا اور بُہت سی پوشاک لے کر تُم اپنے اپنے ڈیرے کو لَوٹو اور اپنے دُشمنوں کے مالِ غنِیمت کو اپنے بھائیوں کے ساتھ بانٹ لو۔
9تب بنی رُوبِن اور بنی جد اور منسّی کا آدھا قبِیلہ لَوٹے اور وہ بنی اِسرائیل کے پاس سے سَیلا سے جو مُلکِ کنعانؔ میں ہے روانہ ہُوئے تاکہ وہ اپنے مِیراثی مُلک جِلعاد کو لَوٹ جائیں جِس کے مالِک وہ خُداوند کے اُس حُکم کے مُطابِق ہُوئے تھے جو اُس نے مُوسیٰ کی معرفت دِیا تھا۔
دریائے یَردن کے کِنارے مذبح
10اور جب وہ یَردن کے پاس کے اُس مقام میں پُہنچے جو مُلکِ کنعانؔ میں ہے تو بنی رُوبِن اور بنی جد اور منسّی کے آدھے قبِیلہ نے وہاں یَردن کے پاس ایک مذبح جو دیکھنے میں بڑا مذبح تھا بنایا۔ 11اور بنی اِسرائیل کے سُننے میں آیا کہ دیکھو بنی رُوبِن اور بنی جد اور منسّی کے آدھے قبِیلہ نے مُلکِ کنعانؔ کے سامنے یَردن کے گِرد کے مقام میں اُس رُخ پر جو بنی اِسرائیل کا ہے ایک مذبح بنایا ہے۔ 12جب بنی اِسرائیل نے یہ سُنا تو بنی اِسرائیل کی ساری جماعت سَیلا میں فراہم ہُوئی تاکہ اُن پر چڑھ جائے اور لڑے۔
13اور بنی اِسرائیل نے الِیعزر کاہِن کے بیٹے فِینحاس کو بنی رُوبِن اور بنی جد اور منسّی کے آدھے قبِیلہ کے پاس جو مُلکِ جِلعاد میں تھے بھیجا۔ 14اور بنی اِسرائیل کے قبِیلوں سے ہر ایک کے آبائی خاندان سے ایک امِیر کے حِساب سے دس امِیر اُس کے ساتھ کِئے۔ اُن میں سے ہر ایک ہزار در ہزار اِسرائیلِیوں میں اپنے آبائی خاندان کا سردار تھا۔ 15سو وہ بنی رُوبِن اور بنی جد اور منسّی کے آدھے قبِیلہ کے پاس مُلکِ جِلعاد میں آئے اور اُن سے کہا کہ 16خُداوند کی ساری جماعت یہ کہتی ہے کہ تُم نے اِسرائیلؔ کے خُدا سے یہ کیا سرکشی کی کہ آج کے دِن خُداوند کی پَیروی سے برگشتہ ہو کر اپنے لِئے ایک مذبح بنایا اور آج کے دِن تُم خُداوند سے باغی ہو گئے؟ 17کیا ہمارے لِئے فغُور کی بدکاری کُچھ کم تھی جِس سے ہم آج کے دِن تک پاک نہیں ہُوئے۔ اگرچہ خُداوند کی جماعت میں وبا بھی آئی کہ 18تُم آج کے دِن خُداوند کی پَیروی سے برگشتہ ہوتے ہو؟ اور چُونکہ تُم آج خُداوند سے باغی ہوتے ہو اِس لِئے کل یہ ہو گا کہ اِسرائیلؔ کی ساری جماعت پر اُس کا قہر نازِل ہو گا۔ 19اور اگر تُمہارا مِیراثی مُلک ناپاک ہے تو تُم خُداوند کے مِیراثی مُلک میں پار آ جاؤ جہاں خُداوند کا مسکن ہے اور ہمارے درمِیان مِیراث لو لیکن خُداوند ہمارے خُدا کے مذبح کے سِوا اپنے لِئے کوئی اَور مذبح بنا کر نہ تو خُداوند سے باغی ہو اور نہ ہم سے بغاوت کرو۔ 20کیا زارح کے بیٹے عکن کی خیانت کے سبب سے جو اُس نے مخصُوص کی ہُوئی چِیز میں کی اِسرائیلؔ کی ساری جماعت پر غضب نازِل نہ ہُؤا؟ وہ شخص اکیلا ہی اپنی بدکاری میں ہلاک نہیں ہُؤا۔
21تب بنی رُوبِن اور بنی جد اور منسّی کے آدھے قبِیلہ نے ہزار در ہزار اِسرائیلِیوں کے سرداروں کو جواب دِیا کہ 22خُداوند خُداؤں کا خُدا خُداوند خُداؤں کا خُدا جانتا ہے اور اِسرائیلی بھی جان لیں گے۔ اگر اِس میں بغاوت یا خُداوند کی مخُالفت ہے (تو تُو ہم کو آج جِیتا نہ چھوڑ)۔ 23اگر ہم نے آج کے دِن اِس لِئے یہ مذبح بنایا ہو کہ خُداوند سے برگشتہ ہو جائیں یا اُس پر سوختنی قُربانی یا نذر کی قُربانی یا سلامتی کے ذبِیحے چڑھائیں تو خُداوند ہی اِس کا حِساب لے۔ 24بلکہ ہم نے اِس خیال اور غرض سے یہ کِیا کہ کہِیں آیندہ زمانہ میں تُمہاری اَولاد ہماری اَولاد سے یہ نہ کہنے لگے کہ تُم کو خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا سے کیا لینا ہے؟ 25کیونکہ خُداوند نے تو ہمارے اور تُمہارے درمِیان اَے بنی رُوبِن اور بنی جد یَردن کو حد ٹھہرایا ہے۔ سو خُداوند میں تُمہارا کوئی حِصّہ نہیں ہے۔ یُوں تُمہاری اَولاد ہماری اَولاد سے خُداوند کا خَوف چُھڑا دے گی۔ 26اِس لِئے ہم نے کہا کہ آؤ ہم اپنے لِئے ایک مذبح بنانا شرُوع کریں جو نہ سوختنی قُربانی کے لِئے ہو اور نہ ذبِیحہ کے لِئے۔ 27بلکہ وہ ہمارے اور تُمہارے اور ہمارے بعد ہماری نسلوں کے درمِیان گواہ ٹھہرے تاکہ ہم خُداوند کے حضُور اُس کی عِبادت اپنی سوختنی قُربانیوں اور اپنے ذبِیحوں اور سلامتی کے ہدیوں سے کریں اور آیندہ زمانہ میں تُمہاری اَولاد ہماری اَولاد سے کہنے نہ پائے کہ خُداوند میں تُمہارا کوئی حِصّہ نہیں۔ 28اِس لِئے ہم نے کہا کہ جب وہ ہم سے یا ہماری اَولاد سے آیندہ زمانہ میں یُوں کہیں گے تو ہم اُن کو جواب دیں گے کہ دیکھو خُداوند کے مذبح کا نمُونہ جِسے ہمارے باپ دادا نے بنایا۔ یہ نہ سوختنی قُربانی کے لِئے ہے نہ ذبِیحہ کے لِئے بلکہ یہ ہمارے اور تُمہارے درمِیان گواہ ہے۔ 29خُدا نہ کرے کہ ہم خُداوند سے باغی ہوں اور آج خُداوند کی پَیروی سے برگشتہ ہو کر خُداوند اپنے خُدا کے مذبح کے سِوا جو اُس کے خَیمہ کے سامنے ہے سوختنی قُربانی اور نذر کی قُربانی اور ذبِیحہ کے لِئے کوئی مذبح بنائیں۔
30جب فِینحاؔس کاہِن اور جماعت کے امِیروں یعنی ہزار در ہزار اِسرائیلِیوں کے سرداروں نے جو اُس کے ساتھ آئے تھے یہ باتیں سُنِیں جو بنی رُوبِن اور بنی جد اور بنی منسّی نے کہِیں تو وہ بُہت خُوش ہُوئے۔ 31تب الِیعزر کے بیٹے فِینحاس کاہِن نے بنی رُوبِن اور بنی جد اور بنی منسّی سے کہا آج ہم نے جان لِیا کہ خُداوند ہمارے درمِیان ہے کیونکہ تُم سے خُداوند کی یہ خطا نہیں ہُوئی۔ سو تُم نے بنی اِسرائیل کو خُداوند کے ہاتھ سے چُھڑا لِیا ہے۔
32اور الِیعزر کاہِن کا بیٹا فِینحاؔس اور وہ سردار جِلعاد سے بنی رُوبِن اور بنی جد کے پاس سے مُلکِ کنعانؔ میں بنی اِسرائیل کے پاس لَوٹ آئے اور اُن کو یہ ماجرا سُنایا۔ 33تب بنی اِسرائیل اِس بات سے خُوش ہُوئے اور بنی اِسرائیل نے خُدا کی حمد کی اور پِھر جنگ کے لِئے اُن پر چڑھائی کرنے اور اُس مُلک کو تباہ کرنے کا نام نہ لِیا جِس میں بنی رُوبِن اور بنی جد رہتے تھے۔
34تب بنی رُوبِن اور بنی جد نے اُس مذبح کا نام عید یہ کہہ کر رکھّا کہ وہ ہمارے درمِیان گواہ ہے کہ یہوواؔہ خُدا ہے۔
یشُوع کا الوداعی پَیغام
1اِس کے بُہت دِنوں بعد جب خُداوند نے بنی اِسرائیل کو اُن کے سب گِرداگِرد کے دُشمنوں سے آرام دِیا اور یشُوع بُڈّھا اور عُمر رسِیدہ ہُؤا۔ 2تو یشُوع نے سب اِسرائیلِیوں اور اُن کے بزُرگوں اور سرداروں اور قاضِیوں اور منصبداروں کو بُلوا کر اُن سے کہا کہ مَیں بُڈّھا اور عُمر رسِیدہ ہُوں۔ 3اور جو کُچھ خُداوند تُمہارے خُدا نے تُمہارے سبب سے اِن سب قَوموں کے ساتھ کِیا وہ سب تُم دیکھ چُکے ہو کیونکہ خُداوند تُمہارے خُدا نے آپ تُمہارے لِئے جنگ کی۔ 4دیکھو مَیں نے قُرعہ ڈال کر اِن باقی قَوموں کو تُم میں تقسِیم کِیا کہ یہ اُن سب قَوموں سمیت جِن کو مَیں نے کاٹ ڈالا یَردن سے لے کر مغرِب کی طرف بڑے سمُندر تک تُمہارے قبِیلوں کی مِیراث ٹھہریں۔ 5اور خُداوند تُمہارا خُدا ہی اُن کو تُمہارے سامنے سے نِکالے گا اور تُمہاری نظر سے اُن کو دُور کر دے گا اور تُم اُن کے مُلک پر قابِض ہو گے جَیسا خُداوند تُمہارے خُدا نے تُم سے کہا ہے۔ 6سو تُم خُوب ہِمّت باندھ کر جو کُچھ مُوسیٰ کی شرِیعت کی کِتاب میں لِکھا ہے اُس پر چلنا اور عمل کرنا تاکہ تُم اُس سے دہنے یا بائیں ہاتھ کو نہ مُڑو۔ 7اور اُن قَوموں میں جو تُمہارے درمِیان ہنُوز باقی ہیں نہ جاؤ اور نہ اُن کے دیوتاؤں کے نام کا ذِکر کرو اور نہ اُن کی قَسم کِھلاؤ اور نہ اُن کی پرستِش کرو اور نہ اُن کو سِجدہ کرو۔ 8بلکہ خُداوند اپنے خُدا سے لِپٹے رہو جَیسا تُم نے آج تک کِیا ہے۔ 9کیونکہ خُداوند نے بڑی بڑی اور زورآور قَوموں کو تُمہارے سامنے سے دفع کِیا بلکہ تُمہارا یہ حال رہا کہ آج تک کوئی آدمی تُمہارے سامنے ٹھہر نہ سکا۔ 10تُمہارا ایک ایک مَرد ایک ایک ہزار کو رگیدے گا کیونکہ خُداوند تُمہارا خُدا ہی تُمہارے لِئے لڑتا ہے جَیسا اُس نے تُم سے کہا۔ 11پس تُم خُوب چَوکسی کرو کہ خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھّو۔ 12ورنہ اگر تُم کِسی طرح برگشتہ ہو کر اِن قَوموں کے بقِیّہ سے یعنی اُن سے جو تُمہارے درمِیان باقی ہیں شِیر و شکر ہو جاؤ اور اُن کے ساتھ بیاہ شادی کرو اور اُن سے مِلو اور وہ تُم سے مِلیں۔ 13تو یقِین جانو کہ خُداوند تُمہارا خُدا پِھر اِن قَوموں کو تُمہارے سامنے سے دفع نہیں کرے گا بلکہ یہ تُمہارے لِئے جال اور پھندا اور تُمہارے پہلُوؤں کے لِئے کوڑے اور تُمہاری آنکھوں میں کانٹوں کی طرح ہوں گی۔ یہاں تک کہ تُم اِس اچّھے مُلک سے جِسے خُداوند تُمہارے خُدا نے تُم کو دِیا ہے نابُود ہو جاؤ گے۔
14اور دیکھو مَیں آج اُسی راستے جانے والا ہُوں جو سارے جہان کا ہے اور تُم خُوب جانتے ہو کہ اُن سب اچّھی باتوں میں سے جو خُداوند تُمہارے خُدا نے تُمہارے حق میں کہِیں ایک بات بھی نہ چُھوٹی۔ سب تُمہارے حق میں پُوری ہُوئِیں اور ایک بھی اُن میں سے رہ نہ گئی۔ 15سو اَیسا ہو گا کہ جِس طرح وہ سب بھلائِیاں جِن کا خُداوند تُمہارے خُدا نے تُم سے ذِکر کِیا تھا تُمہارے آگے آئِیں اُسی طرح خُداوند سب بُرائِیاں تُم پر لائے گا جب تک کہ اِس اچّھے مُلک سے جو خُداوند تُمہارے خُدا نے تُم کو دِیا ہے وہ تُم کو نیست و نابُود نہ کر ڈالے۔ 16جب تُم خُداوند اپنے خُدا کے اُس عہد کو جِس کا حُکم اُس نے تُم کو دِیا توڑ ڈالو اور جا کر اَور معبُودوں کی پرستِش کرنے اور اُن کو سِجدہ کرنے لگو تو خُداوند کا قہر تُم پر بھڑکے گا اور تُم اِس اچّھے مُلک سے جو اُس نے تُم کو دِیا ہے جلد ہلاک ہو جاؤ گے۔
سِکم کے مقام پر یشُوع لوگوں سے خطاب کرتا ہے
1اِس کے بعد یشُوع نے اِسرائیلؔ کے سب قبِیلوں کو سِکم میں جمع کِیا اور اِسرائیلؔ کے بزُرگوں اور سرداروں اور قاضِیوں اور منصبداروں کو بُلوایا اور وہ خُدا کے حضُور حاضِر ہُوئے۔ 2تب یشُوع نے اُن سب لوگوں سے کہا کہ خُداوند اِسرائیلؔ کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ تُمہارے آبا یعنی ابرہامؔ اور نحُور کا باپ تارح وغیرہ قدِیم زمانہ میں بڑے دریا کے پار رہتے اور دُوسرے معبُودوں کی پرستِش کرتے تھے۔ 3اور مَیں نے تُمہارے باپ ابرہامؔ کو بڑے دریا کے پار سے لے کر کنعاؔن کے سارے مُلک میں اُس کی رہبری کی اور اُس کی نسل کو بڑھایا اور اُسے اِضحاق عِنایت کِیا۔ 4اور مَیں نے اِضحاقؔ کو یعقُوب اور عیسو بخشے اور عیسو کو کوہِ شعِیر دِیا کہ وہ اُس کا مالِک ہو اور یعقُوب اپنی اَولاد سمیت مِصرؔ میں گیا۔ 5اور مَیں نے مُوسیٰ اور ہارُونؔ کو بھیجا اور مِصرؔ پر جو جو مَیں نے اُس میں کِیا اُس کے مُطابِق میری مار پڑی اور اُس کے بعد مَیں تُم کو نِکال لایا۔ 6تُمہارے باپ دادا کو مَیں نے مِصرؔ سے نِکالا اور تُم سمُندر پر آئے۔ تب مِصریوں نے رتھوں اور سواروں کو لے کر بحرِ قُلزؔم تک تُمہارے باپ دادا کا پِیچھا کِیا۔ 7اور جب اُنہوں نے خُداوند سے فریاد کی تو اُس نے تُمہارے اور مِصریوں کے درمِیان اندھیرا کر دِیا اور سمُندر کو اُن پر چڑھا لایا اور اُن کو چِھپا دِیا اور تُم نے جو کُچھ مَیں نے مِصرؔ میں کِیا اپنی آنکھوں سے دیکھا
اور تُم بُہت دِنوں تک بیابان میں رہے۔ 8پِھر مَیں تُم کو امورِیوں کے مُلک میں جو یَردؔن کے اُس پار رہتے تھے لے آیا۔ وہ تُم سے لڑے اور مَیں نے اُن کو تُمہارے ہاتھ میں کر دِیا اور تُم نے اُن کے مُلک پر قبضہ کر لِیا اور مَیں نے اُن کو تُمہارے آگے سے ہلاک کِیا۔ 9پِھر صفور کا بیٹا بلق موآب کا بادشاہ اُٹھ کر اِسرائیلِیوں سے لڑا اور تُم پر لَعنت کرنے کو بعور کے بیٹے بلعاؔم کو بُلوا بھیجا۔ 10پر مَیں نے نہ چاہا کہ بلعاؔم کی سُنوں۔ اِس لِئے وہ تُم کو برکت ہی دیتا گیا۔ سو مَیں نے تُم کو اُس کے ہاتھ سے چُھڑایا۔ 11پِھر تُم یَردن پار ہو کر یرِیحُو کو آئے اور یرِیحُو کے لوگ یعنی اموری اور فرزّی اور کنعانی اور حتّی اور جِرجاسی اور حوّی اور یبُوسی تُم سے لڑے اور مَیں نے اُن کو تُمہارے ہاتھ میں کر دِیا۔ 12اور مَیں نے تُمہارے آگے زنبُوروں کو بھیجا جِنہوں نے دونوں اموری بادشاہوں کو تُمہارے سامنے سے بھگا دِیا۔ یہ نہ تُمہاری تلوار اور نہ تُمہاری کمان سے ہُؤا۔ 13اور مَیں نے تُم کو وہ مُلک جِس پر تُم نے مِحنت نہ کی اور وہ شہر جِن کو تُم نے بنایا نہ تھا عِنایت کِئے اور تُم اُن میں بسے ہو اور تُم اَیسے تاکِستانوں اور زَیتُون کے باغوں کا پَھل کھاتے ہو جِن کو تُم نے نہیں لگایا۔
14پس اب تُم خُداوند کا خَوف رکھّو اور نیک نِیّتی اور صداقت سے اُس کی پرستِش کرو اور اُن دیوتاؤں کو دُور کر دو جِن کی پرستِش تُمہارے باپ دادا بڑے دریا کے پار اور مِصرؔ میں کرتے تھے اور خُداوند کی پرستِش کرو۔ 15اور اگر خُداوند کی پرستِش تُم کو بُری معلُوم ہوتی ہو تو آج ہی تُم اُسے جِس کی پرستِش کرو گے چُن لو۔ خواہ وہ وُہی دیوتا ہوں جِن کی پرستِش تُمہارے باپ دادا بڑے دریا کے اُس پار کرتے تھے یا اموریوں کے دیوتا ہوں جِن کے مُلک میں تُم بسے ہو۔ اب رہی میری اور میرے گھرانے کی بات سو ہم تو خُداوند کی پرستِش کریں گے۔
16تب لوگوں نے جواب دِیا کہ خُدا نہ کرے کہ ہم خُداوند کو چھوڑ کر اَور معبُودوں کی پرستِش کریں۔ 17کیونکہ خُداوند ہمارا خُدا وُہی ہے جِس نے ہم کو اور ہمارے باپ دادا کو مُلکِ مِصرؔ یعنی غُلامی کے گھر سے نِکالا اور وہ بڑے بڑے نِشان ہمارے سامنے دِکھائے اور سارے راستہ جِس میں ہم چلے اور اُن سب قَوموں کے درمِیان جِن میں سے ہم گُذرے ہم کو محفُوظ رکھّا۔ 18اور خُداوند نے سب قَوموں یعنی اموریوں کو جو اِس مُلک میں بستے تھے ہمارے سامنے سے نِکال دِیا۔ سو ہم بھی خُداوند کی پرستِش کریں گے کیونکہ وہ ہمارا خُدا ہے۔
19یشُوع نے لوگوں سے کہا تُم خُداوند کی پرستِش نہیں کر سکتے کیونکہ وہ پاک خُدا ہے۔ وہ غیُور خُدا ہے۔ وہ تُمہاری خطائیں اور تُمہارے گُناہ نہیں بخشے گا۔ 20اگر تُم خُداوند کو چھوڑ کر اجنبی معبُودوں کی پرستِش کرو تو اگرچہ وہ تُم سے نیکی کرتا رہا ہے تَو بھی وہ پِھر کر تُم سے بُرائی کرے گا اور تُم کو فنا کر ڈالے گا۔
21لوگوں نے یشُوع سے کہا نہیں بلکہ ہم خُداوند ہی کی پرستِش کریں گے۔
22یشُوع نے لوگوں سے کہا تُم آپ ہی اپنے گواہ ہو کہ تُم نے خُداوند کو چُنا ہے کہ اُس کی پرستِش کرو۔
اُنہوں نے کہا ہم گواہ ہیں۔
23تب اُس نے کہا پس اب تُم اجنبی معبُودوں کو جو تُمہارے درمِیان ہیں دُور کر دو اور اپنے دِلوں کو خُداوند اِسرائیلؔ کے خُدا کی طرف مائِل کرو۔
24لوگوں نے یشُوع سے کہا ہم خُداوند اپنے خُدا کی پرستِش کریں گے اور اُسی کی بات مانیں گے۔
25سو یشُوع نے اُسی روز لوگوں کے ساتھ عہد باندھا اور اُن کے لِئے سِکم میں آئِین اور قانُون ٹھہرایا۔ 26اور یشُوع نے یہ باتیں خُدا کی شرِیعت کی کِتاب میں لِکھ دِیں اور ایک بڑا پتّھر لے کر اُسے وہِیں اُس بلُوط کے درخت کے نِیچے جو خُداوند کے مَقدِس کے پاس تھا نصب کِیا۔ 27اور یشُوع نے سب لوگوں سے کہا کہ دیکھو یہ پتّھر ہمارا گواہ رہے کیونکہ اُس نے خُداوند کی سب باتیں جو اُس نے ہم سے کہِیں سُنی ہیں اِس لِئے یِہی تُم پر گواہ رہے تا نہ ہو کہ تُم اپنے خُدا کا اِنکار کر جاؤ۔ 28پِھر یشُوع نے لوگوں کو اُن کی اپنی اپنی مِیراث کی طرف رُخصت کر دِیا۔
یشُوع اور الِیعزر کی وفات
29اور اِن باتوں کے بعد یُوں ہُؤا کہ نُون کا بیٹا یشُوع خُداوند کا بندہ ایک سَو دس برس کا ہو کر رِحلت کر گیا۔ 30اور اُنہوں نے اُسی کی مِیراث کی حد پر تِمنت سرؔح میں جو اِفرائِیم کے کوہستانی مُلک میں کوہِ جعس کے شِمال کی طرف کو ہے اُسے دفن کِیا۔
31اور اِسرائیلی خُداوند کی پرستِش یشُوؔع کے جِیتے جی اور اُن بزُرگوں کے جِیتے جی کرتے رہے جو یشُوؔع کے بعد زِندہ رہے اور خُداوند کے سب کاموں سے جو اُس نے اِسرائیلِیوں کے لِئے کِئے واقِف تھے۔
32اور اُنہوں نے یُوسفؔ کی ہڈِّیوں کو جِن کو بنی اِسرائیل مِصرؔ سے لے آئے تھے سِکم میں اُس زمِین کے قطع میں دفن کِیا جِسے یعقُوب نے سِکم کے باپ حمور کے بیٹوں سے چاندی کے سَو سِکّوں میں خرِیدا تھا اور وہ زمِین بنی یُوسفؔ کی مِیراث ٹھہری۔
33اور ہارُونؔ کے بیٹے الِیعزر نے رِحلت کی اور اُنہوں نے اُسے اُس کے بیٹے فِینحاس کی پہاڑی پر دفن کِیا جو اِفرائِیم کے کوہِستانی مُلک میں اُسے دی گئی تھی۔