Calvary Pentecostal Theological Seminary Pakistan

Urdu Bible

Home Churches Seminary The Bible Books Prayer Request About Us Contact Us

یہُوداہ


تمہید
1یہُوداؔہ کی طرف سے جو یِسُوع مسِیح کا بندہ اور یعقُوبؔ کا بھائی ہے
اُن بُلائے ہُوؤں کے نام جو خُدا باپ میں عزِیز اور یِسُوع مسِیح کے لِئے محفُوظ ہیں۔
2رَحم اور اِطمِینان اور مُحبّت تُم کو زِیادہ حاصِل ہوتی رہے۔
جُھوٹے اُستاد
3اَے پِیارو! جِس وقت مَیں تُم کو اُس نجات کی بابت لِکھنے میں کمال کوشِش کر رہا تھا جِس میں ہم سب شرِیک ہیں تو مَیں نے تُمہیں یہ نصِیحت لِکھنا ضرُور جانا کہ تُم اُس اِیمان کے واسطے جانفشانی کرو جو مُقدّسوں کو ایک ہی بار سَونپا گیا تھا۔ 4کیونکہ بعض اَیسے شخص چُپکے سے ہم میں آ مِلے ہیں جِن کی اِس سزا کا ذِکر قدِیم زمانہ میں پیشتر سے لِکھا گیا تھا۔ یہ بے دِین ہیں اور ہمارے خُدا کے فضل کو شَہوت پرستی سے بدل ڈالتے ہیں اور ہمارے واحِد مالِک اور خُداوند یِسُوع مسِیح کا اِنکار کرتے ہیں۔
5پس اگرچہ تُم سب باتیں ایک بار جان چُکے ہو تَو بھی یہ بات تُمہیں یاد دِلانا چاہتا ہُوں کہ خُداوند نے ایک اُمّت کو مُلکِ مِصرؔ میں سے چُھڑانے کے بعد اُنہیں ہلاک کِیا جو اِیمان نہ لائے۔ 6اور جِن فرِشتوں نے اپنی حُکُومت کو قائِم نہ رکھّا بلکہ اپنے خاص مقام کو چھوڑ دِیا اُن کو اُس نے دائِمی قَید میں تارِیکی کے اَندر روزِ عظِیم کی عدالت تک رکھّا ہے۔ 7اِسی طرح سدُوؔم اور عمُورہ اور اُن کے آس پاس کے شہر جو اُن کی طرح حرام کاری میں پڑ گئے اور غَیر جِسم کی طرف راغِب ہُوئے ہمیشہ کی آگ کی سزا میں گرِفتار ہو کر جایِ عِبرت ٹھہرے ہیں۔
8تَو بھی یہ لوگ بھی اپنے وَہموں میں مُبتلا ہو کر اُن کی طرح جِسم کو ناپاک کرتے اور حُکُومت کو ناچِیز جانتے اور عِزّت داروں پر لَعن طَعن کرتے ہیں۔ 9لیکن مُقرّب فرِشتہ مِیکاؔئیل نے مُوسیٰ کی لاش کی بابت اِبلِیس سے بحث و تکرار کرتے وقت لَعن طَعن کے ساتھ اُس پر نالِش کرنے کی جُرأت نہ کی بلکہ یہ کہا کہ خُداوند تُجھے ملامت کرے۔ 10مگر یہ جِن باتوں کو نہیں جانتے اُن پر لَعن طَعن کرتے ہیں اور جِن کو بے عقل جانوروں کی طرح طبعی طَور پر جانتے ہیں اُن میں اپنے آپ کو خراب کرتے ہیں۔ 11اِن پر افسوس! کہ یہ قائِنؔ کی راہ پر چلے اور مزدُوری کے لِئے بڑی حِرص سے بِلعاؔم کی سی گُمراہی اِختیار کی اور قورح کی طرح مُخالِفت کر کے ہلاک ہُوئے۔ 12یہ تُمہاری مُحبّت کی ضِیافتوں میں تُمہارے ساتھ کھاتے پِیتے وقت گویا دریا کی پَوشِیدہ چٹانیں ہیں۔ یہ بے دھڑک اپنا پیٹ بھرنے والے چرواہے ہیں۔ یہ بے پانی کے بادل ہیں جِنہیں ہوائیں اُڑا لے جاتی ہیں۔ یہ پَت جَھڑ کے بے پَھل درخت ہیں جو دونوں طرح سے مُردہ اور جڑ سے اُکھڑے ہُوئے ہیں۔ 13یہ سمُندر کی پُرجوش مَوجیں ہیں جو اپنی بے شرمی کے جھاگ اُچھالتی ہیں۔ یہ وہ آوارہ گَرد سِتارے ہیں جِن کے لِئے ابد تک بے حد تارِیکی دھری ہے۔
14اِن کے بارے میں حنُوک نے بھی جو آدمؔ سے ساتوِیں پُشت میں تھا یہ پیشِین گوئی کی تھی کہ دیکھو۔ خُداوند اپنے لاکھوں مُقدّسوں کے ساتھ آیا۔ 15تاکہ سب آدمِیوں کا اِنصاف کرے اور سب بے دِینوں کو اُن کی بے دِینی کے اُن سب کاموں کے سبب سے جو اُنہوں نے بے دِینی سے کِئے ہیں اور اُن سب سخت باتوں کے سبب سے جو بے دِین گُنہگاروں نے اُس کی مُخالِفت میں کہی ہیں قصُوروار ٹھہرائے۔
16یہ بُڑبُڑانے والے اور شِکایت کرنے والے ہیں اور اپنی خواہِشوں کے مُوافِق چلتے ہیں اور اپنے مُنہ سے بڑے بول بولتے ہیں اور نفع کے لِئے لوگوں کی روداری کرتے ہیں۔
اِنتباہات اور نصیحتیں
17لیکن اَے پِیارو! اُن باتوں کو یاد رکھّو جو ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کے رسُول پہلے کہہ چُکے ہیں۔ 18وہ تُم سے کہا کرتے تھے کہ اَخِیر زمانہ میں اَیسے ٹھٹّھا کرنے والے ہوں گے جو اپنی بے دِینی کی خواہِشوں کے مُوافِق چلیں گے۔ 19یہ وہ آدمی ہیں جو تفرقے ڈالتے ہیں اور نفسانی ہیں اور رُوح سے بے بہرہ۔ 20مگر تُم اَے پِیارو! اپنے پاکترِین اِیمان میں اپنی ترقّی کر کے اور رُوحُ القُدس میں دُعا کر کے۔ 21اپنے آپ کو خُدا کی مُحبّت میں قائِم رکھّو اور ہمیشہ کی زِندگی کے لِئے ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کی رَحمت کے مُنتظِر رہو۔
22اور بعض لوگوں پر جو شک میں ہیں رَحم کرو۔ 23اور بعض کو جھپٹ کر آگ میں سے نِکالو اور بعض پر خَوف کھا کر رَحم کرو بلکہ اُس پوشاک سے بھی نفرت کرو جو جِسم کے سبب سے داغی ہو گئی ہو۔
دُعا اور حمد و ستایش
24اب جو تُم کو ٹھوکر کھانے سے بچا سکتا ہے اور اپنے پُر جلال حضُور میں کمال خُوشی کے ساتھ بے عَیب کر کے کھڑا کر سکتا ہے۔ 25اُس خُدایِ واحِد کا جو ہمارا مُنّجی ہے جلال اور عظمت اور سلطنت اور اِختیار ہمارے خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کے وسِیلہ سے جَیسا اَزل سے ہے اب بھی ہو اور ابدُالآباد رہے۔ آمِین۔