Calvary Pentecostal Theological Seminary Pakistan

Urdu Bible

Home Churches Seminary The Bible Books Prayer Request About Us Contact Us

نَوحہ


یروشلیِم کے غم و آلام
1وہ بستی جو خِلقت سے معمُور تھی
کَیسی خالی پڑی ہے!
وہ خاتُونِ اقوام بیوہ سی ہو گئی۔
وہ ملِکۂِ مُمالِک باج گُذار بن گئی!
2وہ رات کو زار زار روتی ہے۔ اُس کے آنسُو رُخساروں
پر بہتے ہیں۔
اُس کے چاہنے والوں میں کوئی نہیں جو اُسے
تسلّی دے۔
اُس کے سب دوستوں نے اُسے دغا دی۔ وہ
اُس کے دُشمن ہو گئے۔
3یہُوداؔہ ظُلم اور سخت مشقّت کے سبب سے جلاوطن ہُؤا۔
وہ اقوام کے درمِیان سکُونت پذِیر اور بے آرام ہے۔
اُس کے سب ستانے والوں نے اُسے گھاٹِیوں
میں جا لِیا۔
4صِیُّون کی راہیں ماتم کرتی ہیں کیونکہ عِید کے لِئے
کوئی نہیں آتا۔
اُس کے سب پھاٹک سُنسان ہیں۔ اُس کے
کاہِن آہیں بھرتے ہیں۔
اُس کی کُنواریاں مُصِیبت زدہ ہیں اور وہ خُود
غمگِین ہے
5اُس کے مُخالِف غالِب آئے اور دُشمن خُوش حال
ہُوئے۔
کیونکہ خُداوند نے اُس کے گُناہوں کی کثرت
کے باعِث اُسے رنج میں ڈالا۔
اُس کی اَولاد کو دُشمن اسِیری میں ہانک لے گئے۔
6دُخترِ صِیُّون کی سب شان و شَوکت جاتی رہی۔
اُس کے اُمرا اُن ہرنوں کی مانِند ہو گئے ہیں جِن
کو چراگاہ نہیں مِلتی
اور شِکاریوں کے سامنے عاجِز ہو جاتے ہیں
7یروشلِیم کو اپنے رنج و مُصِیبت کے ایّام میں جب
اُس کے باشِندے دُشمن کا شِکار
ہُوئے اور کِسی نے مدد نہ کی
اپنی گُذشتہ زمانہ کی سب نِعمتیں یاد آئیں۔
دُشمنوں نے اُسے دیکھ کر اُس کی بربادی پر ہنسی
اُڑائی۔
8یروشلیِم سخت گُناہ کر کے نِجس ہو گیا۔
جو اُس کی تعظِیم کرتے تھے سب اُسے حقِیر جانتے
ہیں کیونکہ اُنہوں نے اُس کی برہنگی دیکھی۔
ہاں وہ خُود آہیں بھرتا اور مُنہ پھیر لیتا ہے۔
9اُس کی نجاست اُس کے دامن میں ہے۔ اُس نے
اپنے انجام کا خیال نہ کِیا۔
اِس لِئے وہ نِہایت پست ہُؤا اور اُسے تسلّی دینے
والا کوئی نہ رہا
اَے خُداوند میری مُصِیبت پر نظر کر کیونکہ دُشمن
نے گھمنڈ کِیا ہے
10دُشمن نے اُس کی تمام نفِیس چِیزوں پر ہاتھ
بڑھایا ہے۔
اُس نے اپنے مَقدِس میں اقوام کو داخِل ہوتے
دیکھا ہے
جِن کی بابت تُو نے فرمایا تھا کہ وہ تیری جماعت
میں داخِل نہ ہوں
11اُس کے سب باشِندے کراہتے اور روٹی ڈُھونڈتے ہیں۔
اُنہوں نے اپنی نفِیس چِیزیں دے ڈالِیں تاکہ
روٹی سے تازہ دَم ہوں۔
اے خُداوند مُجھ پر نظر کر کیونکہ مَیں ذلِیل ہو گیا۔
12اَے سب آنے جانے والو! کیا تُمہارے نزدِیک
یہ کُچھ نہیں؟
نظر کرو اور دیکھو! کیا کوئی غم میرے غم کی مانِند ہے
جو مُجھ پر آیا ہے
جِسے خُداوند نے اپنے قہرِ شدِید کے وقت
نازِل کِیا؟
13اُس نے عالَمِ بالا سے میری ہڈِّیوں میں آگ بھیجی
اور وہ اُن پر غالِب آئی۔
اُس نے میرے پاؤں کے لِئے دام بِچھایا۔ اُس
نے مُجھے پِیچھے لَوٹایا۔
اُس نے مُجھے دِن بھر وِیران و بیتاب کِیا۔
14میری خطاؤں کا جُؤا اُسی کے ہاتھ سے باندھا
گیا ہے۔
وہ باہم پیچِیدہ میری گردن پر ہیں۔ اُس نے مُجھے
ناتوان کر دِیا ہے۔
خُداوند نے مُجھے اُن کے حوالہ کِیا ہے جِن کے
مُقابلہ کی مُجھ میں تاب نہیں۔
15خُداوند نے میرے اندر ہی میرے بہادُروں کو
ناچِیز ٹھہرایا۔
اُس نے میرے خِلاف ایک خاص جماعت کو
بُلایا کہ میرے بہادُروں کو کُچلے۔
خُداوند نے یہُوداؔہ کی کُنواری بیٹی کو گویا کولُھو میں
کُچل ڈالا
16اِسی لِئے مَیں گِریان ہُوں۔ میری آنکھیں اشکبار ہیں
کیونکہ تسلّی دینے والا جو میری جان کو تازہ کرے
مُجھ سے دُور ہے۔
میرے بال بچّے بے کس ہیں کیونکہ دُشمن غالِب
آ گیا۔
17صِیُّون نے ہاتھ پَھیلائے۔ اُسے تسلّی دینے والا
کوئی نہیں
یعقُوبؔ کی بابت خُداوند نے حُکم دِیا ہے کہ اُس کے
اِردگِرد والے اُس کے دُشمن ہوں۔
یروشلیِم اُن کے درمِیان نجاست کی مانِند ہے۔
18خُداوند صادِق ہے کیونکہ مَیں نے اُس کے حُکم سے
سرکشی کی ہے
اَے سب لوگو مَیں مِنّت کرتا ہُوں سُنو اور میرے
دُکھ پر نظر کرو
میری کُنواریاں اور میرے جوان اسِیر ہو کر
چلے گئے۔
19مَیں نے اپنے دوستوں کو پُکارا۔ اُنہوں نے مُجھے
دغا دی
میرے کاہِن اور بزُرگ اپنی جان کو تازہ کرنے
کے لِئے
شہر میں کھانا ڈُھونڈتے ڈُھونڈتے ہلاک ہو گئے۔
20اَے خُداوند دیکھ مَیں تباہ حال ہُوں۔ میرے اندر
پیچ و تاب ہے۔
میرا دِل میرے اندر مُضطرِب ہے کیونکہ مَیں
نے سخت بغاوت کی ہے
باہر تلوار بے اَولاد کرتی ہے اور گھر میں مَوت کا
سامنا ہے
21اُنہوں نے میری آہیں سُنی ہیں۔ مُجھے تسلّی دینے
والا کوئی نہیں۔
میرے سب دُشمنوں نے میری مُصِیبت سُنی۔
وہ خُوش ہیں کہ تُو نے اَیسا کِیا۔
تُو وہ دِن لائے گا جِس کا تُو نے اِعلان کِیا ہے
اور وہ میری مانِند ہو جائیں گے۔
22اُن کی تمام شرارت تیرے سامنے آئے۔
اُن سے وُہی کر جو تُو نے میری تمام خطاؤں کے
باعِث مُجھ سے کِیا ہے۔
کیونکہ میری آہیں بے شُمار ہیں اور میرا دِل
نِڈھال ہے
یروشلیِم کی سزا
1خُداوند نے اپنے قہر میں دُخترِ صِیُّون کو کَیسا بادل سے چِھپا دِیا!
اُس نے اِسرائیل کے جمال کو آسمان سے زمِین پر گِرا دِیا
اور اپنے قہر کے دِن اپنے پاؤں کی چَوکی کو یاد نہ کِیا۔
2خُداوند نے یعقُوب کے تمام گھر غارت کِئے اور رحم نہ کِیا
اُس نے اپنے قہر میں دُخترِ یہُوداؔہ کے تمام قلعے
گِرا کر خاک میں مِلا دِئے۔
اُس نے مُملکِت اور اُس کے اُمرا کو ناپاک ٹھہرایا۔
3اُس نے قہرِ شدِید میں اِسرائیل کا سِینگ بِالکُل کاٹ ڈالا۔
اُس نے دُشمن کے سامنے سے دہنا ہاتھ کھینچ لِیا
اور اُس نے شُعلہ زن آگ کی طرح جو چاروں
طرف بھسم کرتی ہے یعقُوبؔ کو جلا دِیا۔
4اُس نے دُشمن کی طرح کمان کھینچی۔ مُخالِف کی طرح
دہنا ہاتھ بڑھایا۔
اور دُخترِ صِیُّون کے خَیمہ میں سب حسِینوں کو قتل کِیا۔
اُس نے اپنے قہر کی آگ کو اُنڈیل دِیا۔
5خُداوند دُشمن کی مانِند ہو گیا۔ وہ اِسرائیل کو نِگل گیا۔
وہ اُس کے تمام قصروں کو نِگل گیا۔ اُس نے
اُس کے قلعے مِسمار کر دِئے۔
اور اُس نے دُخترِ یہُوداؔہ میں ماتم و نَوحہ فراوان کر دِیا۔
6اور اُس نے اپنے مسکن کو یک لخت تباہ کر دِیا گویا خَیمئہِ باغ تھا۔
اور اپنے مجمع کے مکان کو برباد کر دِیا۔
خُداوند نے مُقدّس عِیدوں اور سبتوں کو صِیُّون سے فراموش کرا دِیا۔
اور اپنے قہر کے جوش میں بادشاہ اور کاہِن کو ذلِیل کِیا۔
7خُداوند نے اپنے مذبح کو ردّ کِیا۔ اُس نے اپنے
مَقدِس سے نفرت کی۔
اُس کے قصروں کی دِیواروں کو دُشمن کے حوالہ کر دِیا۔
اُنہوں نے خُداوند کے گھر میں اَیسا شور مچایا
جَیسا عِید کے دِن۔
8خُداوند نے دُخترِ صِیُّون کی فصِیل گِرانے کا اِرادہ کِیا ہے۔
اُس نے ڈوری ڈالی ہے اور برباد کرنے سے
دست بردار نہیں ہُؤا۔
اُس نے فصِیل اور دِیوار کو مغمُوم کِیا۔ وہ باہم ماتم کرتی ہیں۔
9اُس کے دروازے زمِین میں غرق ہو گئے۔ اُس
نے اُس کے بینڈوں کو توڑ کر برباد کر دِیا۔
اُس کے بادشاہ اور اُمرا بے شرِیعت اقوام میں ہیں۔
اُس کے نبی بھی خُداوند کی طرف سے کوئی رویا نہیں دیکھتے۔
10دُخترِ صِیُّون کے بزُرگ خاک نشِین اور خاموش ہیں۔
وہ اپنے سروں پر خاک ڈالتے اور ٹاٹ اوڑھتے ہیں۔
یروشلیِم کی کُنواریاں زمِین تک سرنگُون ہوتی ہیں۔
11میری آنکھیں روتے روتے دُھندلا گئِیں۔ میرے اندر پیچ و تاب ہے۔
میری دُخترِ قَوم کی بربادی کے باعِث میرا کلیجہ نِکل آیا۔
کیونکہ چھوٹے بچّے اور شِیر خوار شہر کے کوچُوں میں بے ہوش ہیں۔
12جب وہ شہر کے کوچُوں میں کے زخمِیوں کی طرح غش کھاتے
اور جب اپنی ماؤں کی گود میں جان بلب ہوتے ہیں
تو اُن سے کہتے ہیں کہ غلّہ اور مَے کہاں ہے؟
13اَے دُخترِ یروشلیِم مَیں تُجھے کیا نصِیحت کرُوں اور
کِس سے تشبِیہ دُوں
اَے کُنواری دُخترِ صِیُّون تُجھے کِس کی مانِند جان کر تسلّی دُوں؟
کیونکہ تیرا زخم سمُندر سا بڑا ہے۔ تُجھے کَون شِفا دے گا؟
14تیرے نبِیوں نے تیرے لِئے باطِل اور بیہُودہ رویا دیکھِیں
اور تیری بدکرداری ظاہِر نہ کی تاکہ تُجھے اسِیری سے واپس لاتے
بلکہ تیرے لِئے جُھوٹے پَیغام اور جلاوطنی کے سامان دیکھے۔
15سب آنے جانے والے تُجھ پر تالِیاں بجاتے ہیں۔
وہ دُخترِ یروشلیِم پر سُسکارتے اور سر ہِلاتے ہیں
کہ کیا یہ وُہی شہر ہے جِسے لوگ کمالِ حُسن اور
فرحتِ جہان کہتے تھے؟
16تیرے سب دُشمنوں نے تُجھ پر مُنہ پسارا ہے۔
وہ سُسکارتے اور دانت پِیستے ہیں۔ وہ کہتے ہیں ہم اُسے نِگل گئے۔
بیشک ہم اِسی دِن کے مُنتظِر تھے سو آ پُہنچا اور ہم نے دیکھ لِیا
17خُداوند نے جو ٹھانا وُہی کِیا۔ اُس نے اپنے کلام کو
جو ایّامِ قدِیم میں فرمایا تھا پُورا کِیا۔
اُس نے گِرا دِیا اور رحم نہ کِیا اور اُس نے دُشمن کو تُجھ پر شادمان کِیا۔
اُس نے تیرے مُخالِفوں کا سِینگ بُلند کِیا۔
18اُن کے دِلوں نے خُداوند سے فریاد کی۔
اَے دُخترِ صِیُّون کی فصِیل شب و روز آنسُو نہر کی طرح جاری رہیں۔
تُو بِالکُل آرام نہ لے۔ تیری آنکھ کی پُتلی آرام نہ کرے۔
19اُٹھ رات کو پہروں کے شرُوع میں فریاد کر۔
خُداوند کے حضُور اپنا دِل پانی کی مانِند اُنڈیل دے۔
اپنے بچّوں کی زِندگی کے لِئے جو سب کُوچوں
میں بُھوک سے بے ہوش پڑے ہیں
اُس کے حضُور میں دستِ دُعا بُلند کر۔
20اَے خُداوند نظر کر اور دیکھ کہ تُو نے کِس سے یہ کِیا!
کیا عَورتیں اپنے پَھل یعنی اپنے لاڈلے بچّوں کو کھائیں؟
کیا کاہِن اور نبی خُداوند کے مَقدِس میں قتل کِئے جائیں؟
21پِیر و جوان گلِیوں میں خاک پر پڑے ہیں۔
میری کُنواریاں اور میرے جوان تلوار سے قتل ہُوئے۔
تُو نے اپنے قہر کے دِن اُن کو قتل کِیا۔ تُو نے اُن
کو کاٹ ڈالا اور رحم نہ کِیا۔
22تُو نے میری دہشت کو ہر طرف سے گویا عِید کے دِن بُلا لِیا
اور خُداوند کے قہر کے دِن نہ کوئی بچا نہ باقی رہا۔
جِن کو مَیں نے گود میں کِھلایا اور پالا پوسا میرے دُشمنوں نے فنا کر دِیا۔
سزا اور اُمّید
1مَیں ہی وہ شخص ہُوں جِس نے اُس کے غضب کے
عصا سے دُکھ پایا۔
2وہ میرا رہبر ہُؤا اور مُجھے رَوشنی میں نہیں بلکہ تارِیکی
میں چلایا۔
3یقِیناً اُس کا ہاتھ دِن بھر میری مُخالفت کرتا رہا۔
4اُس نے میرا گوشت اور چمڑا خُشک کر دِیا اور میری
ہڈِّیاں توڑ ڈالِیں۔
5اُس نے میرے اِردگِرد دِیوار کھینچی اور مُجھے
تلخی و مشقّت سے گھیر لِیا۔
6اُس نے مُجھے مُدّتِ دراز کے مُردوں کی مانِند تارِیک
مکانوں میں رکھّا۔
7اُس نے میرے گِرد اِحاطہ بنا دِیا کہ مَیں باہر نہیں
نِکل سکتا اُس نے میری زنجِیر بھاری کر دی
8بلکہ جب مَیں پُکارتا اور دُہائی دیتا ہُوں تو وہ میری
فریاد نہیں سُنتا
9اُس نے تراشے ہُوئے پتّھروں سے میرے
راستے بند کر دِئے۔ اُس نے میری راہیں ٹیڑھی
کر دِیں۔
10وہ میرے لِئے گھات میں بَیٹھا ہُؤا رِیچھ اور کمِین گاہ
کا شیرِ بَبر ہے۔
11اُس نے میری راہیں کج کر دِیں اور مُجھے ریزہ ریزہ
کر کے برباد کر دیا
12اُس نے اپنی کمان کھینچی اور مُجھے اپنے تِیروں کا
نِشانہ بنایا۔
13اُس نے اپنے ترکش کے تِیروں سے میرے
گُردوں کو چھید ڈالا۔
14مَیں اپنے سب لوگوں کے لِئے مضحکہ اور دِن بھر
اُن کا راگ ہُوں
15اُس نے مُجھے تلخی سے بھر دِیا اور ناگدَونے سے
مدہوش کِیا۔
16اُس نے سنگریزوں سے میرے دانت توڑے اور
مُجھے خاکِستر میں لِٹایا۔
17تُو نے میری جان کو سلامتی سے دُور کر دِیا۔ مَیں
خُوش حالی کو بُھول گیا۔
18اور مَیں نے کہا مَیں ناتوان ہُؤا اور خُداوند سے
میری اُمّید جاتی رہی۔
19میرے دُکھ کا خیال کر۔ میری مُصِیبت یعنی تلخی اور
ناگدَونے کو یاد کر۔
20اِن باتوں کی یاد سے میری جان مُجھ مَیں بیتاب ہے۔
21مَیں اِس پر سوچتا رہتا ہُوں۔ اِسی لِئے مَیں
اُمّیدوار ہُوں
22یہ خُداوند کی شفقت ہے کہ ہم فنا نہیں ہُوئے کیونکہ
اُس کی رحمت لازوال ہے۔
23وہ ہر صُبح تازہ ہے۔ تیری وفاداری عظِیم ہے۔
24میری جان نے کہا میرا بخرہ خُداوند ہے اِس لِئے
میری اُمّید اُسی سے ہے۔
25خُداوند اُن پر مِہربان ہے جو اُس کے مُنتظِر ہیں۔
اُس جان پر جو اُس کی طالِب ہے۔
26یہ خُوب ہے کہ آدمی اُمّیدوار رہے اور خاموشی
سے خُداوند کی نجات کا اِنتظار کرے۔
27آدمی کے لِئے بِہتر ہے کہ اپنی جوانی کے ایّام میں
فرمانبرداری کرے۔
28وہ تنہا بَیٹھے اور خاموش رہے کیونکہ یہ خُدا ہی نے
اُس پر رکھّا ہے۔
29وہ اپنا مُنہ خاک پر رکھّے کہ شاید کُچھ اُمّید کی صُورت
نِکلے۔
30وہ اپنا گال اُس کی طرف پھیر دے جو اُسے طمانچہ
مارتا ہے اور ملامت سے خُوب سیر ہو۔
31کیونکہ خُداوند ہمیشہ کے لِئے ردّ نہ کرے گا۔
32کیونکہ اگرچہ وہ دُکھ دے تَو بھی اپنی شفقت کی
فراوانی سے رحم کرے گا۔
33کیونکہ وہ بنی آدمؔ پر خُوشی سے دُکھ مُصِیبت نہیں
بھیجتا۔
34رُویِ زمِین کے سب قَیدیوں کو پامال کرنا۔
35حق تعالیٰ کے حضُور کِسی اِنسان کی حق تلفی کرنا
36اور کِسی آدمی کا مُقدّمہ بِگاڑنا خُداوند دیکھ نہیں سکتا۔
37وہ کَون ہے جِس کے کہنے کے مُطابِق ہوتا ہے
حالانکہ خُداوند نہیں فرماتا؟
38کیا بھلائی اور بُرائی حق تعالیٰ ہی کے حُکم سے
نہیں ہے؟
39پس آدمی جِیتے جی کیوں شِکایت کرے جب کہ اُسے
گُناہوں کی سزا مِلتی ہو؟
40ہم اپنی راہوں کو ڈُھونڈیں اور جانچیں اور خُداوند
کی طرف پِھریں۔
41ہم اپنے ہاتھوں کے ساتھ دِلوں کو بھی خُدا کے حضُور
آسمان کی طرف اُٹھائیں۔
42ہم نے خطا اور سرکشی کی۔ تُو نے مُعاف نہیں کِیا۔
43تُو نے ہم کو قہر سے ڈھانپا اور رگیدا۔ تُو نے قتل کِیا
اور رحم نہ کِیا۔
44تُو بادِلوں میں مستُور ہُؤا تاکہ ہماری دُعا تُجھ تک
نہ پُہنچے۔
45تُو نے ہم کو اقوام کے درمِیان کُوڑے کرکٹ اور
نجاست سا بنا دِیا
46ہمارے سب دُشمن ہم پر مُنہ پسارتے ہیں۔
47خَوف و دہشت اور وِیرانی و ہلاکت نے ہم کو آ دبایا۔
48میری دُخترِ قَوم کی تباہی کے باعِث میری آنکھوں
سے آنسُوؤں کی نہریں جاری ہیں۔
49میری آنکھیں اشکبار ہیں اور تھمتی نہیں۔ اُن کو
آرام نہیں۔
50جب تک خُداوند آسمان پر سے نظر کر کے نہ دیکھے۔
51میری آنکھیں میرے شہر کی سب بیٹِیوں کے لِئے
میری جان کو آزُردہ کرتی ہیں۔
52میرے دُشمنوں نے بے سبب مُجھے پرِندہ کی
مانِند رگیدا۔
53اُنہوں نے چاہِ زِندان میں میری جان لینے کو
مُجھ پر پتّھر رکھّا
54پانی میرے سر سے گُذر گیا۔ مَیں نے کہا مَیں مَر مِٹا
55اَے خُداوند مَیں نے تہِ زِندان سے تیرے نام
کی دُہائی دی۔
56تُو نے میری آواز سُنی ہے۔ میری آہ و فریاد سے
اپنا کان بند نہ کر۔
57جِس روز مَیں نے تُجھے پُکارا تُو نزدِیک آیا اور
تُو نے فرمایا کہ ہِراسان نہ ہو۔
58اَے خُداوند تُو نے میری جان کی حِمایت کی اور
اُسے چُھڑایا۔
59اَے خُداوند تُو نے میری مظلُومی دیکھی۔ میرا اِنصاف کر۔
60تُو نے میرے خِلاف اُن کے تمام اِنتقام اور سب
منصُوبوں کو دیکھا ہے۔
61اَے خُداوند تُو نے میرے خِلاف اُن کی ملامت
اور اُن کے سب منصُوبوں کو سُنا ہے۔
62جو میری مُخالفت کو اُٹھے اُن کی باتیں اور دِن
بھر میری مُخالفت میں اُن کے منصُوبے۔
63اُن کی نشِست و برخاست کو دیکھ کہ مَیں ہی اُن کا راگ ہُوں
64اَے خُداوند اُن کے اعمال کے مُطابِق اُن کو بدلہ دے۔
65اُن کو کور دِل بنا کہ تیری لَعنت اُن پر ہو۔
66قہر سے اُن کو رگید اور رُویِ زمِین سے نیست و نابُود کر دے
یروشلیِم کے کھنڈر
1سونا کَیسا بے آب ہو گیا! کُندن کَیسا بدل گیا!
مَقدِس کے پتّھر تمام گلی کُوچوں میں پڑے ہیں۔
2صِیُّون کے عزِیز فرزند جو خالِص سونے کی مانِند تھے
کَیسے کُمہار کے بنائے ہُوئے برتنوں کے برابر
ٹھہرے!
3گِیدڑ بھی اپنی چھاتِیوں سے اپنے بچّوں کو دُودھ
پِلاتے ہیں
لیکن میری دُخترِ قَوم بیابانی شُتر مُرغ کی مانِند
بے رحم ہے۔
4شِیر خوار کی زُبان پِیاس کے مارے تالُو سے جا لگی۔
بچّے روٹی مانگتے ہیں لیکن اُن کو کوئی نہیں دیتا۔
5جو ناز پروردہ تھے گلِیوں میں تباہ حال ہیں۔
جو بچپن سے ارغوان پوش تھے مزبلوں پر
پڑے ہیں
6کیونکہ میری دُخترِ قَوم کی بدکرداری سدُوؔم کے گُناہ
سے بڑھ کر ہے
جو ایک لمحہ میں برباد ہُؤا اور کِسی کے ہاتھ اُس پر دراز نہ
ہُوئے۔
7اُس کے شُرفا برف سے زِیادہ صاف اور دُودھ
سے سفید تھے۔
اُن کے بدن مُونگے سے زِیادہ سُرخ تھے۔ اُن
کی جھلک نِیلم کی سی تھی۔
8اب اُن کے چِہرے سِیاہی سے بھی کالے ہیں۔ وہ بازار میں پہچانے نہیں جاتے۔
اُن کا چمڑا ہڈِّیوں سے سٹا ہے۔ وہ سُوکھ کر لکڑی
ساہو گیا۔
9تلوار سے قتل ہونے والے بھُوکوں مَرنے والوں
سے بِہتر ہیں
کیونکہ یہ کھیت کا حاصِل نہ مِلنے سے کُڑھ کر ہلاک
ہوتے ہیں
10رحم دِل عَورتوں کے ہاتھوں نے اپنے بچّوں کو پکایا۔
میری دُخترِ قَوم کی تباہی میں وُہی اُن کی خُوراک
ہُوئے۔
11خُداوند نے اپنے غضب کو انجام دِیا۔ اُس نے اپنے
قہرِ شدِید کو نازِل کِیا۔
اور اُس نے صِیُّون میں آگ بھڑکائی جو اُس کی
بُنیاد کو چٹ کر گئی۔
12رُویِ زمِین کے بادشاہ اور دُنیا کے باشِندے باور
نہیں کرتے تھے
کہ مُخالِف اور دُشمن یروشلیِم کے پھاٹکوں سے
گُھس آئیں گے
13یہ اُس کے نبِیوں کے گُناہوں اور کاہِنوں کی بدکرداری
کی وجہ سے ہُؤا۔
جِنہوں نے اُس میں صادِقوں کا خُون بہایا۔
14وہ اندھوں کی طرح گلِیوں میں بھٹکتے اور خُون سے
آلُودہ ہوتے ہیں
اَیسا کہ کوئی اُن کے لِباس کو بھی چُھو نہیں سکتا۔
15وہ اُن کو پُکار کر کہتے تھے دُور رہو ناپاک! دُور رہو
دُور رہو! چُھونا مَت!
جب وہ بھاگ جاتے اور آوارہ پِھرتے تو لوگ
کہتے تھے اب یہ یہاں نہ رہیں گے
16خُداوند کے قہر نے اُن کو پراگندہ کِیا۔ اب وہ اُن
پر نظر نہیں کرے گا
اُنہوں نے کاہِنوں کی عِزّت نہ کی اور بزُرگوں
کا لِحاظ نہ کِیا۔
17ہماری آنکھیں باطِل مدد کے اِنتظار میں تھک گئِیں۔
ہم اُس قَوم کا اِنتظار کرتے رہے جو بچا نہیں سکتی تھی۔
18اُنہوں نے ہمارے پاؤں اَیسے باندھ رکھّے ہیں
کہ ہم باہر نہیں نِکل سکتے۔
ہمارا انجام نزدِیک ہے۔ ہمارے دِن پُورے
ہو گئے۔
ہمارا وقت آ پُہنچا۔
19ہم کو رگیدنے والے آسمان کے عُقابوں سے بھی
تیز ہیں۔
اُنہوں نے پہاڑوں پر ہمارا پِیچھا کِیا۔ وہ بیابان
میں ہماری گھات میں بَیٹھے۔
20ہماری زِندگی کا دَم خُداوند کا ممسُوح اُن کے گڑھوں
میں گرِفتار ہو گیا۔
جِس کی بابت ہم کہتے تھے کہ اُس کے سایہ تلے
ہم قَوموں کے درمِیان زِندگی بسر
کریں گے۔
21اَے دُخترِ ادُوم جو عُوض کی سرزمِین میں بستی ہے
خُوش و خُرّم ہو!
یہ پِیالہ تُجھ تک بھی پُہنچے گا۔ تُو مَست اور برہنہ ہو
جائے گی۔
22اَے دُخترِ صِیُّون تیری بدکرداری کی سزا تمام ہُوئی!
وہ تُجھے پِھر اسِیر کر کے نہیں لے جائے گا۔
اَے دُخترِ ادُوؔم وہ تیری بدکرداری کی سزا دے گا!
وہ تیرے گُناہ فاش کر دے گا۔
رحم کے لِئے دُعا
1اَے خُداوند جو کُچھ ہم پر گُذرا اُسے یاد کر!
نظر کر اور ہماری رُسوائی کو دیکھ۔
2ہماری مِیراث اجنبِیوں کے حوالہ کی گئی۔
ہمارے گھر بے گانوں نے لے لِئے۔
3ہم یتِیم ہیں۔ ہمارے باپ نہیں۔
ہماری مائیں بیواؤں کی مانِند ہیں۔
4ہم نے اپنا پانی مول لے کر پِیا۔
اپنی لکڑی بھی ہم نے دام دے کر لی۔
5ہم کو رگیدنے والے ہمارے سر پر ہیں۔
ہم تھکے ہارے اور بے آرام ہیں۔
6ہم نے مِصریوں اور اسُوریوں کی اِطاعت قبُول کی
تاکہ روٹی سے سیر و آسُودہ ہوں۔
7ہمارے باپ دادا گُناہ کر کے چل بسے۔
اور ہم اُن کی بدکرداری کی سزا پا رہے ہیں۔
8غُلام ہم پر حُکمرانی کرتے ہیں۔
اُن کے ہاتھ سے چُھڑانے والا کوئی نہیں۔
9صحرا نشِینوں کی تلوار کے باعِث
ہم جان پر کھیل کر روٹی حاصِل کرتے ہیں۔
10قحط کی جُھلسانے والی آگ کے باعِث۔
ہمارا چمڑا تنُور کی مانِند سِیاہ ہو گیا ہے۔
11اُنہوں نے صِیُّون میں عَورتوں کو بے حُرمت کِیا
اور یہُوداؔہ کے شہروں میں کُنواری لڑکیوں کو۔
12اُمرا کو اُن کے ہاتھوں سے لٹکا دِیا۔
بزُرگوں کی رُوداری نہ کی گئی۔
13جوانوں نے چکّی پِیسی۔
اور بچّوں نے گِرتے پڑتے لکڑِیاں ڈھوئِیں۔
14بزُرگ پھاٹکوں پر دِکھائی نہیں دیتے۔
جوانوں کی نغمہ پردازی سُنائی نہیں دیتی۔
15ہمارے دِلوں سے خُوشی جاتی رہی۔
ہمارا رقص ماتم سے بدل گیا۔
16تاج ہمارے سر پر سے گِر پڑا۔
ہم پر افسوس! کہ ہم نے گُناہ کِیا۔
17اِسی لِئے ہمارے دِل بیتاب ہیں۔
اِن ہی باتوں کے باعِث ہماری آنکھیں
دُھندلا گئیں
18کوہِ صِیُّون کی وِیرانی کے باعِث
اُس پر گِیدڑ پِھرتے ہیں
19پر تُو اَے خُداوند ابد تک قائِم ہے
اور تیرا تخت پُشت در پُشت۔
20پِھر تُو کیوں ہم کو ہمیشہ کے لِئے فراموش کرتا ہے۔
اور ہم کو مُدّتِ دراز تک ترک کرتا ہے؟
21اَے خُداوند ہم کو اپنی طرف پِھرا تو ہم پِھریں گے۔
ہمارے دِن بدل دے جَیسے قدِیم سے تھے۔
22کیا تُو نے ہم کو بِالکُل ردّ کر دِیا ہے؟
کیا تُو ہم سے سخت ناراض ہے؟