احبار

حبار کی کتاب شریعت اور عبادات کے اصولوں پر مشتمل ہے، جو بنی اسرائیل کو پاکیزگی، قربانیوں اور مذہبی احکام کی تعلیم دیتی ہے۔ یہ کتاب خدا کے حضور زندگی گزارنے کے رہنما اصول فراہم کرتی ہے اور انسان کی روحانی پاکیزگی، کفارہ اور عبادات کی تفصیل بیان کرتی ہے۔ احبار میں خدا کے ساتھ قربت کے طریقے اور عملی زندگی کے وہ قوانین بیان کیے گئے ہیں جو ایمان داروں کو ایک مقدس اور منظم زندگی بسر کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔

پُوری سوختنی قُربانِیاں
1 اور خُداوند نے خَیمۂِ اِجتماع میں سے مُوسیٰؔ کو بُلا کر اُس سے کہا۔ 2 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ جب تُم میں سے کوئی خُداوند کے لِئے چڑھاوا چڑھائے۔
تو تُم چَوپایوں یعنی گائے بَیل اور بھیڑ بکری کا چڑھاوا چڑھانا۔ 3 اگر اُس کا چڑھاوا گائے بَیل کی سوختنی قُربانی ہو تو وہ بے عَیب نر کو لا کر اُسے خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر چڑھائے تاکہ وہ خُود خُداوند کے حضُور مقبُول ٹھہرے۔ 4 اور وہ سوختنی قُربانی کے جانور کے سر پر اپنا ہاتھ رکھّے تب وہ اُس کی طرف سے مقبُول ہو گا تاکہ اُس کے لِئے کفّارہ ہو۔ 5 اور وہ اُس بچھڑے کو خُداوند کے حضُور ذبح کرے اور ہارُون کے بیٹے جو کاہِن ہیں خُون کو لا کر اُسے اُس مذبح پر گِرداگِرد چِھڑکیں جو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر ہے۔ 6 تب وہ اُس سوختنی قُربانی کے جانور کی کھال کھینچے اور اُس کے عضو عضو کو کاٹ کر جُدا جُدا کرے۔ 7 پِھر ہارُون کاہِن کے بیٹے مذبح پر آگ رکھّیں اور آگ پر لکڑیاں ترتِیب سے چُن دیں۔ 8 اور ہارُون کے بیٹے جو کاہِن ہیں اُس کے اعضا کو اور سر اور چربی کو اُن لکڑیوں پر جو مذبح کی آگ پر ہوں گی ترتِیب سے رکھ دیں۔ 9 لیکن وہ اُس کی انتڑیوں اور پایوں کو پانی سے دھو لے تب کاہِن سب کو مذبح پر جلائے کہ وہ سوختنی قُربانی یعنی خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو کی آتشین قُربانی ہو۔
10 اور اگر اُس کا چڑھاوا ریوڑ میں سے بھیڑ یا بکری کی سوختنی قُربانی ہو تو وہ بے عَیب نر کو لائے۔ 11 اور وہ اُسے مذبح کی شِمالی سِمت میں خُداوند کے آگے ذبح کرے اور ہارُون کے بیٹے جو کاہِن ہیں اُس کے خُون کو مذبح پر گِرداگِرد چِھڑکیں۔ 12 پِھر وہ اُس کے عضو عضو کو اور سر اور چربی کو کاٹ کر جُدا جُدا کرے اور کاہِن اُن کو ترتِیب سے اُن لکڑیوں پر جو مذبح کی آگ پر ہوں گی چُن دے۔ 13 لیکن وہ انتڑیوں اور پایوں کو پانی سے دھو لے تب کاہِن سب کو لے کر مذبح پر جلا دے۔ وہ سوختنی قُربانی یعنی خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو کی آتِشِین قُربانی ہے۔
14 اور اگر اُس کا چڑھاوا خُداوند کے لِئے پرِندوں کی سوختنی قُربانی ہو تو وہ قمریوں یا کبُوتر کے بچّوں کا چڑھاوا چڑھائے۔ 15 اور کاہِن اُس کو مذبح پر لا کر اُس کا سر مروڑ ڈالے اور اُسے مذبح پر جلا دے اور اُس کا خُون مذبح کے پہلُو پر گِر جانے دے۔ 16 اور اُس کے پوٹے کو آلایش سمیت لے جا کر مذبح کی مشرِقی سِمت میں راکھ کی جگہ میں ڈال دے۔ 17 اور وہ اُس کے دونوں بازُوؤں کو پکڑ کر اُسے چِیرے پر الگ الگ نہ کرے۔ تب کاہِن اُسے مذبح پر اُن لکڑیوں کے اُوپر رکھ کر جو آگ پر ہوں گی جلا دے۔ وہ سوختنی قُربانی یعنی خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو کی آتشِین قُربانی ہے۔
اَناج کے نذرانے
1 اور اگر کوئی خُداوند کے لِئے نذر کی قُربانی کا چڑھاوا لائے تو اپنے چڑھاوے کے لِئے مَیدہ لے اور اُس میں تیل ڈال کر اُس کے اُوپر لُبان رکھّے۔ 2 اور وہ اُسے ہارُونؔ کے بیٹوں کے پاس جو کاہِن ہیں لائے اور تیل مِلے ہُوئے مَیدہ میں سے اِس طرح اپنی مُٹّھی بھر کر نِکالے کہ سب لُبان اُس میں آ جائے۔ تب کاہِن اُسے نذر کی قُربانی کی یادگاری کے طَور پر مذبح کے اُوپر جلائے۔ یہ خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو کی آتِشِین قُربانی ہو گی۔ 3 اور جو کُچھ اُس نذر کی قُربانی میں سے باقی رہ جائے وہ ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کا ہو گا۔ یہ خُداوند کی آتِشِین قُربانیوں میں پاکترین چِیز ہے۔
4 اور جب تُو تنُور کا پکا ہُؤا نذر کی قُربانی کا چڑھاوا لائے تو وہ تیل مِلے ہُوئے مَیدہ کے بے خمِیری گِردے یا تیل چُپڑی ہُوئی بے خمِیری چپاتیاں ہوں۔
5 اور اگر تیری نذر کی قُربانی کا چڑھاوا توے کا پکا ہُؤا ہو تو وہ تیل مِلے ہُوئے بے خمِیری مَیدہ کا ہو۔ 6 اُس کو ٹُکڑے ٹُکڑے کر کے اُس پر تیل ڈالنا تو وہ نذر کی قُربانی ہو گی۔
7 اور اگر تیری نذر کی قُربانی کا چڑھاوا کڑاہی کا تلا ہُؤا ہو تو وہ مَیدہ سے تیل میں بنایا جائے۔ 8 تُو اِن چِیزوں کی نذر کی قُربانی کا چڑھاوا خُداوند کے پاس لانا۔ وہ کاہِن کو دِیا جائے اور وہ اُسے مذبح کے پاس لائے۔ 9 اور کاہِن اُس نذر کی قُربانی میں سے اُس کی یادگاری کا حِصّہ اُٹھا کر مذبح پر جلائے۔ یہ خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو کی آتِشِین قُربانی ہو گی۔ 10 اور جو کُچھ اُس نذر کی قُربانی میں سے بچ رہے وہ ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کا ہو گا۔ یہ خُداوند کی آتِشِین قُربانیوں میں پاکترین چِیز ہے۔
11 کوئی نذر کی قُربانی جو تُم خُداوند کے حضُور چڑھاؤ وہ خمِیر مِلا کر نہ بنائی جائے۔ تُم کبھی آتِشِین قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور خمِیر یا شہد نہ جلانا۔ 12 تُم اِن کو پہلے پَھلوں کے چڑھاوے کے طَور پر خُداوند کے حضُور لانا۔ پر راحت انگیز خُوشبُو کے لِئے وہ مذبح پر نہ چڑھائے جائیں۔ 13 اور تُو اپنی نذر کی قُربانی کے ہر چڑھاوے کو نمکین بنانا اور اپنی کِسی نذر کی قُربانی کو اپنے خُدا کے عہد کے نمک بغَیر نہ رہنے دینا۔ اپنے سب چڑھاووں کے ساتھ نمک بھی چڑھانا۔ 14 اور اگر تُو پہلے پَھلوں کی نذر کا چڑھاوا خُداوند کے حضُور چڑھائے تو اپنے پہلے پَھلوں کی نذر کے چڑھاوے کے لِئے اناج کی بُھنی ہُوئی بالیں یعنی ہری ہری بالوں میں سے ہاتھ سے مَل کر نِکالے ہُوئے اناج کو چڑھانا۔ 15 اور اُس میں تیل ڈالنا اور اُس کے اُوپر لُبان رکھنا تو وہ نذر کی قُربانی ہو گی۔ 16 اور کاہِن اُس کی یادگاری کے حِصّہ کو یعنی تھوڑے سے مَل کر نِکالے ہُوئے دانوں کو اور تھوڑے سے تیل کو اور سارے لُبان کو جلا دے۔ یہ خُداوند کے لِئے آتِشِین قُربانی ہو گی۔
سلامتی کے ذبِیحے
1 اور اگر اُس کا چڑھاوا سلامتی کا ذبِیحہ ہو اور وہ گائے بَیل میں سے کِسی کو چڑھائے تو خواہ وہ نر ہو یا مادہ پر جو بے عَیب ہو اُسی کو وہ خُداوند کے حضُور چڑھائے۔ 2 اور وہ اپنا ہاتھ اپنے چڑھاوے کے جانور کے سر پر رکھّے اور خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر اُسے ذبح کرے اور ہارُون کے بیٹے جو کاہِن ہیں اُس کے خُون کو مذبح پر گِرداگِرد چِھڑکیں۔ 3 اور وہ سلامتی کے ذبِیحہ میں سے خُداوند کے لِئے آتِشِین قُربانی گُذرانے یعنی جِس چربی سے انتڑیاں ڈھکی رہتی ہیں۔ 4 اور وہ ساری چربی جو انتڑیوں پر لِپٹی رہتی ہے اور دونوں گُردے اور اُن کے اُوپر کی چربی جو کمر کے پاس رہتی ہے اور جِگر پر کی جِھلّی گُردوں سمیت اِن سبھوں کو وہ جدا کرے۔ 5 اور ہارُونؔ کے بیٹے اُنہیں مذبح پر سوختنی قُربانی کے اُوپر جلائیں جو اُن لکڑیوں پر ہو گی جو آگ کے اُوپر ہیں۔ یہ خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو کی آتِشِین قُربانی ہے۔
6 اور اگر اُس کا سلامتی کے ذبِیحے کا چڑھاوا خُداوند کے لِئے بھیڑ بکری میں سے ہو تو خواہ وہ نر ہو یا مادہ پر جو بے عَیب ہو اُسی کو وہ چڑھائے۔ 7 اگر وہ برّہ چڑھاتا ہو تو اُسے خُداوند کے حضُور چڑھائے۔ 8 اور اپنا ہاتھ اپنے چڑھاوے کے جانور کے سر پر رکھّے اور اُسے خَیمۂِ اِجتماع کے سامنے ذبح کرے اور ہارُونؔ کے بیٹے اُس کے خُون کو مذبح پر گِرداگِرد چِھڑکیں۔ 9 اور وہ سلامتی کے ذبِیحہ میں سے خُداوند کے لِئے آتِشِین قُربانی گُذرانے یعنی اُس کی پُوری چربی بھری دُم کو وہ ریڑھ کے پاس سے الگ کرے اور جِس چربی سے انتڑیاں ڈھکی رہتی ہیں اور وہ ساری چربی جو انتڑیوں پر لِپٹی رہتی ہے۔ 10 اور دونوں گُردے اور اُن کے اُوپر کی چربی جو کمر کے پاس رہتی ہے اور جِگر پر کی جِھلّی گُردوں سمیت اِن سبھوں کو وہ الگ کرے۔ 11 اور کاہِن اِنہیں مذبح پر جلائے۔ یہ اُس آتِشِین قُربانی کی غذا ہے جو خُداوند کو گُذرانی جاتی ہے۔
12 اور اگر وہ بکرا یا بکری چڑھاتا ہو تو اُسے خُداوند کے حضُور چڑھائے۔ 13 اور وہ اپنا ہاتھ اُس کے سر پر رکھّے اور اُسے خَیمۂِ اِجتماع کے سامنے ذبح کرے اور ہارُونؔ کے بیٹے اُس کے خُون کو مذبح پر گِرداگِرد چِھڑکیں۔ 14 اور وہ اُس میں سے اپنا چڑھاوا آتِشِین قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور گُذرانے یعنی جِس چربی سے انتڑیاں ڈھکی رہتی ہیں اور وہ سب چربی جو انتڑیوں پر لپٹی رہتی ہے۔ 15 اور دونوں گُردے اور اُن کے اُوپر کی چربی جو کمر کے پاس رہتی ہے اور جگر پر کی جِھلّی گُردوں سمیت اِن سبھوں کو وہ الگ کرے۔ 16 اور کاہِن اِن کو مذبح پر جلائے۔ یہ اُس آتِشِین قُربانی کی غذا ہے جو راحت انگیز خُوشبُو کے لِئے ہوتی ہے۔ ساری چربی خُداوند کی ہے۔ 17 یہ تُمہاری سب سکُونت گاہوں میں نسل در نسل ایک دائمی قانُون رہے گا کہ تُم چربی یا خُون مُطلق نہ کھاؤ۔
نادانِستہ خطاؤں کے چڑھاوے
1 اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 2 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ اگر کوئی اُن کاموں میں سے جِن کو خُداوند نے منع کِیا ہے کِسی کام کو کرے اور اُس سے نادانِستہ خطا ہو جائے۔
3 اگر کاہِن ممسُوح اَیسی خطا کرے جِس سے قَوم مُجرم ٹھہرتی ہو تو وہ اپنی اُس خطا کے واسطے جو اُس نے کی ہے ایک بے عَیب بچھڑا خطا کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور گُذرانے۔ 4 وہ اُس بچھڑے کو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے آگے لائے اور بچھڑے کے سر پر اپنا ہاتھ رکھّے اور اُس کو خُداوند کے آگے ذبح کرے۔ 5 اور وہ کاہِن ممسُوح اُس بچھڑے کے خُون میں سے کُچھ لے کر اُسے خَیمۂِ اِجتماع میں لے جائے۔ 6 اور کاہِن اپنی اُنگلی خُون میں ڈبو ڈبو کر اور خُون میں سے لے لے کر اُسے مَقدِس کے پردہ کے سامنے سات بار خُداوند کے آگے چِھڑکے۔ 7 اور کاہِن اُسی خُون میں سے خُوشبُودار بخُور جلانے کی قُربان گاہ کے سِینگوں پر جو خَیمۂِ اِجتماع میں ہے خُداوند کے آگے لگائے اور اُس بچھڑے کے باقی سب خُون کو سوختنی قُربانی کے مذبح کے پایہ پر جو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر ہے اُنڈیل دے۔ 8 پِھر وہ خطا کی قُربانی کے بچھڑے کی سب چربی کو اُس سے الگ کرے یعنی جِس چربی سے انتڑیاں ڈھکی رہتی ہیں اور وہ سب چربی جو انتڑیوں پر لِپٹی رہتی ہے۔ 9 اور دونوں گُردے اور اُن کے اُوپر کی چربی جو کمر کے پاس رہتی ہے اور جِگر پر کی جِھلّی گُردوں سمیت اِن سبھوں کو وہ وَیسے ہی الگ کرے۔ 10 جَیسے سلامتی کے ذبِیحہ کے بچھڑے سے وہ الگ کِئے جاتے ہیں اور کاہِن اُن کو سوختنی قُربانی کے مذبح پر جلائے۔ 11 اور اُس بچھڑے کی کھال اور اُس کا سب گوشت اور سر اور پائے اور انتڑیاں اور گوبر۔ 12 یعنی پُورے بچھڑے کو لشکر گاہ کے باہر کِسی صاف جگہ میں جہاں راکھ پڑتی ہے لے جائے اور سب کُچھ لکڑیوں پر رکھ کر آگ سے جلائے۔ وہ وہیں جلایا جائے جہاں راکھ ڈالی جاتی ہے۔
13 اگر بنی اِسرائیل کی ساری جماعت سے انجانے چُوک ہو جائے اور یہ بات جماعت کی آنکھوں سے چِھپی تو ہو تَو بھی وہ اُن کاموں میں سے جِنہیں خُداوند نے منع کِیا ہے کِسی کام کو کر کے مُجرم ہو گئی ہو۔ 14 تو اُس خطا کے جِس کے وہ قصُوروار ہوں معلُوم ہو جانے پر جماعت ایک بچھڑا خطا کی قُربانی کے طَور پر چڑھانے کے لِئے خَیمۂِ اِجتماع کے سامنے لائے۔ 15 اور جماعت کے بزُرگ اپنے اپنے ہاتھ خُداوند کے آگے اُس بچھڑے کے سر پر رکھّیں اور بچھڑا خُداوند کے آگے ذبح کِیا جائے۔ 16 اور کاہِن ممسُوح اُس بچھڑے کے خُون میں سے کُچھ خَیمۂِ اِجتماع میں لے جائے۔ 17 اور کاہِن اپنی اُنگلی اُس خُون میں ڈبو ڈبو کر اُسے پردہ کے سامنے سات بار خُداوند کے آگے چِھڑکے۔ 18 اور اُسی خُون میں سے مذبح کے سِینگوں پر جو خُداوند کے آگے خَیمۂِ اِجتماع میں ہے لگائے اور باقی سارا خُون سوختنی قُربانی کے مذبح کے پایہ پر جو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر ہے اُنڈیل دے۔ 19 اور اُس کی سب چربی اُس سے الگ کر کے اُسے مذبح پر جلائے۔ 20 وہ بچھڑے سے یِہی کرے یعنی جو کُچھ خطا کی قُربانی کے بچھڑے سے کِیا تھا وُہی اِس بچھڑے سے کرے۔ یُوں کاہِن اُن کے لِئے کفّارہ دے تو اُنہیں مُعافی مِلے گی۔ 21 اور وہ اُس بچھڑے کو لشکر گاہ کے باہر لے جا کر جلائے جَیسے پہلے بچھڑے کو جلایا تھا۔ یہ جماعت کی خطا کی قُربانی ہے۔
22 اور جب کِسی سردار سے خطا سرزد ہو اور وہ اُن کاموں میں سے جِنہیں خُداوند نے منع کِیا ہے کِسی کام کو نادانِستہ کر بَیٹھے اور مُجرم ہو جائے۔ 23 تو جب وہ خطا جو اُس سے سرزد ہُوئی ہے اُسے بتا دی جائے تو وہ ایک بے عَیب بکرا اپنی قُربانی کے واسطے لائے۔ 24 اور اپنا ہاتھ اُس بکرے کے سر پر رکھّے اور اُسے اُس جگہ ذبح کرے جہاں سوختنی قُربانی کے جانور خُداوند کے آگے ذبح کرتے ہیں۔ یہ خطا کی قُربانی ہے۔ 25 اور کاہِن خطا کی قُربانی کا کُچھ خُون اپنی اُنگلی پر لے کر اُسے سوختنی قُربانی کے مذبح کے سِینگوں پر لگائے اور اُس کا باقی سب خُون سوختنی قُربانی کے مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دے۔ 26 اور سلامتی کے ذبِیحہ کی چربی کی طرح اُس کی سب چربی مذبح پر جلائے۔ یُوں کاہِن اُس کی خطا کا کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی۔
27 اور اگر کوئی عام آدمیوں میں سے نادانِستہ خطا کرے اور اُن کاموں میں سے جِنہیں خُداوند نے منع کِیا ہے کِسی کام کو کر کے مُجرم ہو جائے۔ 28 تو جب وہ خطا جو اُس نے کی اُسے بتا دی جائے تو وہ اپنی اُس خطا کے واسطے جو اُس سے سرزد ہُوئی ہے ایک بے عَیب بکری لائے۔ 29 اور وہ اپنا ہاتھ خطا کی قُربانی کے جانور کے سر پر رکھّے اور خطا کی قُربانی کے اُس جانور کو سوختنی قُربانی کی جگہ پر ذبح کرے۔ 30 اور کاہِن اُس کا کُچھ خُون اپنی اُنگلی پر لے کر اُسے سوختنی قُربانی کے مذبح کے سِینگوں پر لگائے اور اُس کا باقی سب خُون مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دے۔ 31 اور وہ اُس کی ساری چربی کو الگ کرے جَیسے سلامتی کے ذبِیحہ کی چربی الگ کی جاتی ہے اور کاہِن اُسے مذبح پر راحت انگیز خُوشبُو کے طَور پر خُداوند کے لِئے جلائے۔ یُوں کاہِن اُس کے لِئے کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی۔
32 اور اگر خطا کی قُربانی کے لِئے اُس کا چڑھاوا برّہ ہو تو وہ بے عَیب مادہ لائے۔ 33 اور اپنا ہاتھ خطا کی قُربانی کے جانور کے سر پر رکھّے اور اُسے خطا کی قُربانی کے طَور پر اُس جگہ ذبح کرے جہاں سوختنی قُربانی ذبح کرتے ہیں۔ 34 اور کاہِن خطا کی قُربانی کا کُچھ خُون اپنی اُنگلی پر لے کر اُسے سوختنی قُربانی کے مذبح کے سِینگوں پر لگائے اور اُس کا باقی سب خُون مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دے۔ 35 اور اُس کی سب چربی کو الگ کرے جَیسے سلامتی کے ذبِیحہ کے برّہ کی چربی الگ کی جاتی ہے اور کاہِن اُس کو مذبح پر خُداوند کی آتِشِین قُربانیوں کے اُوپر جلائے۔ یُوں کاہِن اُس کے لِئے اُس کی خطا کا جو اُس سے ہُوئی ہے کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی۔
کَون کَون سی خطاؤں اور تقصیروں کے لِئے چڑھاوے ضرُوری ہیں
1 اور اگر کوئی اِس طرح خطا کرے کہ وہ گواہ ہو اور اُسے قَسم دی جائے کہ آیا اُس نے کُچھ دیکھا یا اُسے کُچھ معلُوم ہے اور وہ نہ بتائے تو اُس کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا۔
2 یا اگر کوئی شخص کِسی ناپاک چِیز کو چُھو لے خواہ وہ ناپاک جانور یا ناپاک چَوپائے یا ناپاک رینگنے والے جاندار کی لاش ہو تو چاہے اُسے معلُوم بھی نہ ہو کہ وہ ناپاک ہو گیا ہے تو بھی وہ مُجرم ٹھہرے گا۔
3 یا اگر وہ اِنسان کی اُن نجاستوں میں سے جِن سے وہ نجِس ہو جاتا ہے کِسی نجاست کو چُھو لے اور اُسے معلُوم نہ ہو تو وہ اُس وقت مُجرم ٹھہرے گا جب اُسے معلُوم ہو جائے گا۔
4 یا اگر کوئی بغَیر سوچے اپنی زُبان سے بُرائی یا بھلائی کرنے کی قَسم کھا لے تو قَسم کھا کر وہ آدمی چاہے کَیسی ہی بات بغَیر سوچے کہہ دے بشرطیکہ اُسے معلُوم نہ ہو تو اَیسی بات میں مُجرم اُس وقت ٹھہرے گا جب اُسے معلُوم ہو جائے گا۔
5 اور جب وہ اِن باتوں میں سے کِسی میں مُجرم ہو تو جِس امر میں اُس سے خطا ہُوئی ہے وہ اُس کا اِقرار کرے۔ 6 اور خُداوند کے حضُور اپنے جُرم کی قُربانی لائے یعنی جو خطا اُس سے ہُوئی ہے اُس کے لِئے ریوڑ میں سے ایک مادہ یعنی ایک بھیڑ یا بکری خطا کی قُربانی کے طَور پر گُذرانے اور کاہِن اُس کی خطا کا کفّارہ دے۔
7 اور اگر اُسے بھیڑ دینے کا مقدُور نہ ہو تو وہ اپنی خطا کے لِئے جُرم کی قُربانی کے طَور پر دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے خُداوند کے حضُور گُذرانے۔ ایک خطا کی قُربانی کے لِئے اور دُوسرا سوختنی قُربانی کے لِئے۔ 8 وہ اُنہیں کاہِن کے پاس لے آئے جو پہلے اُسے جو خطا کی قُربانی کے لِئے ہے گُذرانے اور اُس کا سر گردن کے پاس سے مروڑ ڈالے پر اُسے الگ نہ کرے۔ 9 اور خطا کی قُربانی کا کُچھ خُون مذبح کے پہلُو پر چِھڑکے اور باقی خُون کو مذبح کے پایہ پر گِر جانے دے۔ یہ خطا کی قُربانی ہے۔ 10 اور دُوسرے پرندے کو حُکم کے مُوافِق سوختنی قُربانی کے طَور پر چڑھائے۔ یُوں کاہِن اُس کی خطا کا جو اُس نے کی ہے کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی۔
11 اور اگر اُسے دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے لانے کا بھی مقدُور نہ ہو تو اپنی خطا کے واسطے اپنے چڑھاوے کے طَور پر ایفہ کے دسویں حِصّہ کے برابر مَیدہ خطا کی قُربانی کے لِئے لائے۔ اُس پر نہ تو وہ تیل ڈالے نہ لُبان رکھّے کیونکہ یہ خطا کی قُربانی ہے۔ 12 وہ اُسے کاہِن کے پاس لائے اور کاہِن اُس میں سے اپنی مُٹّھی بھر کر اُس کی یادگاری کا حِصّہ مذبح پر خُداوند کی آتِشِین قُربانی کے اُوپر جلائے۔ یہ خطا کی قُربانی ہے۔ 13 یُوں کاہِن اُس کے لِئے اِن باتوں میں سے جِس کِسی میں اُس سے خطا ہُوئی ہے اُس خطا کا کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی اور جو کُچھ باقی رہ جائے گا وہ نذر کی قُربانی کی طرح کاہِن کا ہو گا۔
تلافی کے نذرانے
14 اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 15 اگر خُداوند کی پاک چِیزوں میں کِسی سے تقصِیر ہو اور وہ نادانِستہ خطا کرے تو وہ اپنے جُرم کی قُربانی کے طَور پر ریوڑ میں سے بے عَیب مینڈھا خُداوند کے حضُور چڑھائے۔ جُرم کی قُربانی کے لِئے اُس کی قیمت مَقدِس کی مِثقال کے حساب سے چاندی کی اُتنی ہی مِثقالیں ہوں جِتنی تُو مُقرّر کر دے۔ 16 اور جِس پاک چِیز میں اُس سے تقصِیر ہُوئی ہے وہ اُس کا مُعاوضہ دے اور اُس میں پانچواں حِصّہ اَور بڑھا کر اُسے کاہِن کے حوالہ کرے۔ یُوں کاہِن جُرم کی قُربانی کا مینڈھا چڑھا کر اُس کا کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی۔
17 اور اگر کوئی خطا کرے اور اُن کاموں میں سے جِنہیں خُداوند نے منع کِیا ہے کِسی کام کو کرے تو چاہے وہ یہ بات جانتا بھی نہ ہو تَو بھی مُجرم ٹھہرے گا اور اُس کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا۔ 18 پس وہ ریوڑ میں سے ایک بے عَیب مینڈھا اُتنے ہی دام کا جو تُو مُقرّر کر دے جُرم کی قُربانی کے طَور پر کاہِن کے پاس لائے۔ یُوں کاہِن اُس کی اُس بات کا جِس میں اُس سے نادانِستہ چُوک ہو گئی کفّارہ دے تو اُسے مُعافی مِلے گی۔ 19 یہ جُرم کی قُربانی ہے کیونکہ وہ یقیناً خُداوند کے آگے مُجرم ہے۔
1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 2 اگر کِسی سے یہ خطا ہو کہ وہ خُداوند کا قصُور کرے اور امانت یا لین دین یا لُوٹ کے مُعاملہ میں اپنے ہمسایہ کو فریب دے یا اپنے ہمسایہ پر ظُلم کرے۔ 3 یا کِسی کھوئی ہُوئی چِیز کو پا کر فریب دے اور جُھوٹی قَسم بھی کھا لے پس اِن میں سے خواہ کوئی بات ہو جِس میں کِسی شخص سے خطا ہو گئی ہے۔ 4 سو اگر اُس سے خطا ہُوئی ہے اور وہ مُجرم ٹھہرا ہے تو جو چِیز اُس نے لُوٹی یا جو چِیز اُس نے ظُلم کر کے چِھینی یا جو چِیز اُس کے پاس امانت تھی یا جو کھوئی ہُوئی چِیز اُسے مِلی۔ 5 یا جِس چِیز کے بارے میں اُس نے جُھوٹی قَسم کھائی اُس چِیز کو وہ ضرُور پُورا پُورا واپس کرے اور اصل کے ساتھ پانچواں حِصّہ بھی بڑھا کر دے۔ جِس دِن یہ معلُوم ہو کہ وہ مُجرم ہے اُسی دِن وہ اُسے اُس کے مالِک کو واپس دے۔ 6 اور اپنے جُرم کی قُربانی خُداوند کے حضُور چڑھائے اور جِتنا دام تُو مُقرّر کرے اُتنے دام کا ایک بے عَیب مینڈھا ریوڑ میں سے جُرم کی قُربانی کے طَور پر کاہِن کے پاس لائے۔ 7 یُوں کاہِن اُس کے لِئے خُداوند کے حضُور کفّارہ دے تو جِس کام کو کر کے وہ مُجرم ٹھہرا ہے اُس کی اُسے مُعافی مِلے گی۔
پُوری سوختنی قُربانِیاں
8 پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 9 ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کو یُوں حُکم دے کہ سوختنی قُربانی کے بارے میں شرع یہ ہے کہ سوختنی قُربانی مذبح کے اُوپر آتشدان پر تمام رات صُبح تک رہے اور مذبح کی آگ اُس پر جلتی رہے۔ 10 اور کاہِن اپنا کتان کا لِباس پہنے اور کتان کے پاجامے کو اپنے تن پر ڈالے اور آگ نے جو سوختنی قُربانی کو مذبح پر بھسم کر کے راکھ کر دِیا ہے اُس راکھ کو اُٹھا کر اُسے مذبح کی ایک طرف رکھّے۔ 11 پِھر وہ اپنے لِباس کو اُتار کر دُوسرے کپڑے پہنے اور اُس راکھ کو اُٹھا کر لشکر گاہ کے باہر کِسی صاف جگہ میں لے جائے۔ 12 اور مذبح پر آگ جلتی رہے اور کبھی بُجھنے نہ پائے اور کاہِن ہر صُبح کو اُس پر لکڑیاں جلا کر سوختنی قُربانی کو اُس کے اُوپر چُن دے اور سلامتی کے ذبِیحوں کی چربی کو اُس کے اُوپر جلایا کرے۔ 13 مذبح پر آگ ہمیشہ جلتی رکھّی جائے۔ وہ کبھی بُجھنے نہ پائے۔
اناج کے نذرانے
14 اور نذر کی قُربانی کے بارے میں شرع یہ ہے کہ ہارُونؔ کے بیٹے اُسے مذبح کے آگے خُداوند کے حضُور گُذرانیں۔ 15 اور وہ نذر کی قُربانی میں سے اپنی مُٹّھی بھر اِس طرح نِکالے کہ اُس میں تھوڑا سا مَیدہ اور کُچھ تیل جو اُس میں پڑا ہو گا اور نذر کی قُربانی کا سب لُبان آ جائے اور اِس یادگاری کے حِصّہ کو مذبح پر خُداوند کے حضُور راحت انگیز خُوشبُو کے طَور پر جلائے۔ 16 اور جو باقی بچے اُسے ہارُونؔ اور اُس کے بیٹے کھائیں۔ وہ بغَیر خمِیر کے پاک جگہ میں کھایا جائے یعنی وہ خَیمۂِ اِجتماع کے صحن میں اُسے کھائیں۔ 17 وہ خمِیر کے ساتھ پکایا نہ جائے۔ مَیں نے یہ اپنی آتِشِین قُربانیوں میں سے اُن کا حِصّہ دِیا ہے اور یہ خطا کی قُربانی اور جُرم کی قُربانی کی طرح نِہایت پاک ہے۔ 18 ہارُونؔ کی اَولاد کے سب مَرد اُس میں سے کھائیں۔ تُمہاری پُشت در پُشت خُداوند کی آتِشِین قُربانیوں میں سے یہ اُن کا حق ہو گا۔ جو کوئی اُنہیں چُھوئے وہ پاک ٹھہرے گا۔
19 اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 20 جِس دِن ہارُونؔ کو مَسح کِیا جائے اُس دِن وہ اور اُس کے بیٹے خُداوند کے حضُور یہ چڑھاوا چڑھائیں کہ ایفہ کے دسویں حِصّہ کے برابر مَیدہ آدھا صُبح کو اور آدھا شام کو ہمیشہ نذر کی قُربانی کے لِئے لائیں۔ 21 وہ توے پر تیل میں پکایا جائے۔ جب وہ تر ہو جائے تو تُو اُسے لے آنا۔ اِس نذر کی قُربانی کو پکوان کے ٹُکڑوں کی صُورت میں گُذراننا تاکہ وہ خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو بھی ہو۔ 22 اور جو اُس کے بیٹوں میں سے اُس کی جگہ کاہِن ممسُوح ہو وہ اُسے گُذرانے۔ یہ دائمی قانُون ہو گا کہ وہ خُداوند کے حضُور بالکُل جلایا جائے۔ 23 کاہِن کی ہر ایک نذر کی قُربانی بالکُل جلائی جائے۔ وہ کبھی کھائی نہ جائے۔
خطا کی قُربانِیاں
24 اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 25 ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں سے کہہ کہ خطا کی قُربانی کے بارے میں شرع یہ ہے کہ جِس جگہ سوختنی قُربانی کا جانور ذبح کِیا جاتا ہے وہِیں خطا کی قُربانی کا جانور بھی خُداوند کے آگے ذبح کِیا جائے۔ وہ نِہایت پاک ہے۔ 26 جو کاہِن اُسے خطا کے لِئے گُذرانے وہ اُسے کھائے۔ وہ پاک جگہ میں یعنی خَیمۂِ اِجتماع کے صحن میں کھایا جائے۔ 27 جو کُچھ اُس کے گوشت سے چُھو جائے وہ پاک ٹھہرے گا اور اگر کِسی کپڑے پر اُس کے خُون کی چِھینٹ پڑ جائے تو جِس کپڑے پر اُس کی چِھینٹ پڑی ہے تُو اُسے کِسی پاک جگہ میں دھونا۔ 28 اور مِٹّی کا وہ برتن جِس میں وہ پکایا جائے توڑ دِیا جائے پر اگر وہ پِیتل کے برتن میں پکایا جائے تو اُس برتن کو مانج کر پانی سے دھو لِیا جائے۔ 29 اور کاہِنوں میں سے ہر مَرد اُسے کھائے۔ وہ نِہایت پاک ہے۔ 30 پر جِس خطا کی قُربانی کا کُچھ خُون خُیمۂِ اِجتماع کے اندر پاک مقام میں کفّارہ کے لِئے پُہنچایا گیا ہے اُس کا گوشت کبھی نہ کھایا جائے بلکہ وہ آگ سے جلا دِیا جائے۔
تلافی کے نذرانے
1 اور جُرم کی قُربانی کے بارے میں شرع یہ ہے۔ وہ نِہایت مُقدّس ہے۔ 2 جِس جگہ سوختنی قُربانی کے جانور کو ذبح کرتے ہیں وہِیں وہ جُرم کی قُربانی کے جانور کو بھی ذبح کریں اور وہ اُس کے خُون کو مذبح کے گِرداگِرد چِھڑکے۔ 3 اور وہ اُس کی سب چربی کو چڑھائے یعنی اُس کی موٹی دُم کو اور اُس چربی کو جِس سے انتڑیاں ڈھکی رہتی ہیں۔ 4 اور دونوں گُردے اور اُن کے اُوپر کی چربی جو کمر کے پاس رہتی ہے اور جِگر پر کی جِھلّی گُردوں سمیت۔ اِن سب کو وہ الگ کرے۔ 5 اور کاہِن اُن کو مذبح پر خُداوند کے حضُور آتِشِین قُربانی کے طَور پر جلائے۔ یہ جُرم کی قُربانی ہے۔ 6 اور کاہِنوں میں سے ہر مَرد اُسے کھائے اور کِسی پاک جگہ میں اُسے کھائیں۔ وہ نِہایت پاک ہے۔
7 جُرم کی قُربانی وَیسی ہی ہے جَیسی خطا کی قُربانی ہے اور اُن کے لِئے ایک ہی شرع ہے اور اُنہیں وُہی کاہِن لے جو اُن سے کفّارہ دیتا ہے۔ 8 اور جو کاہِن کِسی شخص کی طرف سے سوختنی قُربانی گُذرانتا ہے وُہی کاہِن اُس سوختنی قُربانی کی کھال کو جو اُس نے گُذرانی اپنے واسطے لے لے۔ 9 اور ہر ایک نذر کی قُربانی جو تنُور میں پکائی جائے اور وہ بھی جو کڑاہی میں تیّار کی جائے اور توے کی پکی ہُوئی بھی اُسی کاہِن کی ہے جو اُسے گُذرانے۔ 10 اور ہر ایک نذر کی قُربانی خواہ اُس میں تیل مِلا ہُؤا ہو یا وہ خُشک ہو برابر برابر ہارُونؔ کے سب بیٹوں کے لِئے ہو۔
سلامتی کے ذبِیحے
11 اور سلامتی کے ذبِیحہ کے بارے میں جِسے کوئی خُداوند کے حضُور چڑھائے شرع یہ ہے۔ 12 کہ وہ اگر شُکرانہ کے طَور پر اُسے چڑھائے تو وہ شُکرانے کے ذبِیحہ کے ساتھ تیل مِلے ہُوئے بے خمِیری کُلچے اور تیل چُپڑی ہُوئی بے خمِیری چپاتیاں اور تیل مِلے ہُوئے مَیدہ کے تر کُلچے بھی گُذرانے۔ 13 اور سلامتی کے ذبِیحہ کی قُربانی کے ساتھ جو شُکرانہ کے لِئے ہو گی وہ خمِیری روٹی کے گِردے اپنے چڑھاوے پر گُذرانے۔ 14 اور ہر چڑھاوے میں سے وہ ایک کو لے کر اُسے خُداوند کے رُوبرُو ہلانے کی قُربانی کے طَور پر چڑھائے اور یہ اُس کاہِن کا ہو جو سلامتی کے ذبِیحہ کا خُون چِھڑکتا ہے۔ 15 اور سلامتی کے ذبِیحوں کی اُس قُربانی کا گوشت جو اُس کی طرف سے شُکرانہ کے طَور پر ہو گی قُربانی چڑھانے کے دِن ہی کھا لِیا جائے۔ وہ اُس میں سے کُچھ صُبح تک باقی نہ چھوڑے۔
16 پر اگر اُس کے چڑھاوے کی قُربانی مَنّت کا یا رضا کا ہدیہ ہو تو وہ اُس دِن کھائی جائے جِس دِن وہ اپنی قُربانی گُذرانے اور جو کُچھ اُس میں سے بچ رہے وہ دُوسرے دِن کھایا جائے۔ 17 پر جو کُچھ اُس قُربانی کے گوشت میں سے تِیسرے دِن تک رہ جائے وہ آگ میں جلا دِیا جائے۔ 18 اور اُس کے سلامتی کے ذبِیحوں کی قُربانی کے گوشت میں سے اگر کُچھ تِیسرے دِن کھایا جائے تو وہ منظُور نہ ہو گا اور نہ اُس کا ثواب قُربانی دینے والے کی طرف منسُوب ہو گا بلکہ یہ مکرُوہ بات ہو گی اور جو اُس میں سے کھائے اُس کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا۔ 19 اور جو گوشت کِسی ناپاک چِیز سے چُھو جائے کھایا نہ جائے۔ وہ آگ میں جلایا جائے۔
اور ذبِیحہ کے گوشت کو جو پاک ہے وہ تُو کھائے۔ 20 لیکن جو شخص نجاست کی حالت میں خُداوند کی سلامتی کے ذبِیحہ کا گوشت کھائے وہ اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے۔ 21 اور جو کوئی کِسی ناپاک چِیز کو چُھوئے خواہ وہ اِنسان کی نجاست ہو یا ناپاک جانور ہو یا کوئی نجِس مکرُوہ شَے ہو اور پِھر خُداوند کے سلامتی کے ذبِیحہ کے گوشت میں سے کھائے وہ بھی اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے۔
22 اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 23 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ تُم لوگ نہ تو بَیل کی نہ بھیڑ کی اور نہ بکری کی کُچھ چربی کھانا۔ 24 جو جانور خُود بخُود مَر گیا ہو اور جِس کو درِندوں نے پھاڑا ہو اُن کی چربی اَور اَور کام میں لاؤ تو لاؤ پر اُسے تُم کِسی حال میں نہ کھانا۔ 25 کیونکہ جو کوئی اَیسے چَوپائے کی چربی کھائے جِسے لوگ آتِشِین قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور چڑھاتے ہیں وہ کھانے والا آدمی اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے۔ 26 اور تُم اپنی سکُونت گاہوں میں کہِیں بھی کِسی طرح کا خُون خواہ پرِندے کا ہو یا چَوپائے کا ہرگِز نہ کھانا۔ 27 جو کوئی کِسی طرح کا خُون کھائے وہ شخص اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے۔
28 اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 29 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ جو کوئی اپنا سلامتی کا ذبِیحہ خُداوند کے حضُور گُذرانے وہ خُود ہی اپنے سلامتی کے ذبِیحہ کی قُربانی میں سے اپنا چڑھاوا خُداوند کے حضُور لائے۔ 30 وہ اپنے ہی ہاتھوں میں خُداوند کی آتِشِین قُربانی کو لائے یعنی چربی کو سِینہ سمیت لائے کہ سِینہ ہلانے کی قُربانی کے طَور پر ہِلایا جائے۔ 31 اور کاہِن چربی کو مذبح پر جلائے پر سِینہ ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کا ہو۔ 32 اور تُم سلامتی کے ذبِیحوں کی دہنی ران اُٹھانے کی قُربانی کے طَور پر کاہِن کو دینا۔ 33 ہارُونؔ کے بیٹوں میں سے جو سلامتی کے ذبِیحوں کا خُون اور چربی گُذرانے وُہی وہ دہنی ران اپنا حِصّہ لے۔ 34 کیونکہ بنی اِسرائیل کے سلامتی کے ذبِیحوں میں سے ہلانے کی قُربانی کا سِینہ اور اُٹھانے کی قُربانی کی ران کو لے کر مَیں نے ہارُونؔ کاہِن اور اُس کے بیٹوں کو دِیا ہے کہ یہ ہمیشہ بنی اِسرائیل کی طرف سے اُن کا حق ہو۔ 35 یہ خُداوند کی آتِشِین قُربانیوں میں سے ہارُونؔ کے ممسُوح ہونے کا اور اُس کے بیٹوں کے ممسُوح ہونے کا حِصّہ ہے جو اُس دِن مُقرّر ہُؤا جب وہ خُداوند کے حضُور کاہِن کی خِدمت کو انجام دینے کے لِئے حاضِر کِئے گئے۔ 36 یعنی جِس دِن خُداوند نے اُنہیں مَسح کِیا اُس دِن اُس نے یہ حُکم دِیا کہ بنی اِسرائیل کی طرف سے اُنہیں یہ مِلا کرے۔ سو اُن کی نسل در نسل یہ اُن کا حق رہے گا۔
37 سوختنی قُربانی اور نذر کی قُربانی اور خطا کی قُربانی اور جُرم کی قُربانی اور تخصِیص اور سلامتی کے ذبِیحہ کے بارے میں شرع یہ ہے۔ 38 جِس کا حُکم خُداوند نے مُوسیٰؔ کو اُس دِن کوہِ سِینا ؔپر دِیا جِس دِن اُس نے بنی اِسرائیل کو فرمایا کہ سِینا ؔکے بیابان میں خُداوند کے حضُور اپنی قُربانی گُذرانیں۔
ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کی مخصُوصِیت
1 اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 2 ہارُونؔ اور اُس کے ساتھ اُس کے بیٹوں کو اور لِباس کو اور مَسح کرنے کے تیل کو اور خطا کی قُربانی کے بچھڑے اور دونوں مینڈھوں اور بے خمِیری روٹیوں کی ٹوکری کو لے۔ 3 اور ساری جماعت کو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر جمع کر۔
4 چُنانچہ مُوسیٰؔ نے خُداوند کے حُکم کے مُطابِق عمل کِیا اور ساری جماعت خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر جمع ہُوئی۔ 5 تب مُوسیٰؔ نے جماعت سے کہا یہ وہ کام ہے جِس کے کرنے کا حُکم خُداوند نے دِیا ہے۔
6 پِھر مُوسیٰؔ ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کو آگے لایا اور اُن کو پانی سے غُسل دِلایا۔ 7 اور اُس کو کُرتا پہنا کر اُس پر کمربند لپیٹا اور اُس کو جُبّہ پہنا کر اُس پر افُود لگایا اور افُود کے کارِیگری سے بُنے ہُوئے کمربند کو اُس پر لپیٹا اور اُسی سے اُس کو اُس کے اُوپر کَس دِیا۔ 8 اور سِینہ بند کو اُس کے اُوپر لگا کر سِینہ بند میں اُورِیم اور تُمیّم لگا دِئے۔ 9 اور اُس کے سر پر عمامہ رکھّا اور عمامہ پر سامنے سونے کے پتّر یعنی مُقدّس تاج کو لگایا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم کِیا تھا۔
10 اور مُوسیٰؔ نے مَسح کرنے کا تیل لِیا اور مسکن کو اور جو کُچھ اُس میں تھا سب کو مَسح کر کے مُقدّس کِیا۔ 11 اور اُس میں سے تھوڑا سا لے کر مذبح پر سات بار چِھڑکا اور مذبح اور اُس کے سب ظُروف کو اور حَوض اور اُس کی کُرسی کو مَسح کِیا تاکہ اُنہیں مُقدّس کرے۔ 12 اور مَسح کرنے کے تیل میں سے تھوڑا سا ہارُونؔ کے سر پر ڈالا اور اُسے مَسح کِیا تاکہ وہ مُقدّس ہو۔ 13 پِھر مُوسیٰؔ ہارُونؔ کے بیٹوں کو آگے لایا اور اُن کو کُرتے پہنائے اور اُن پر کمربند لپیٹے اور اُن کو پگڑیاں پہنائِیں جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم کِیا تھا۔
14 اور وہ خطا کی قُربانی کے بچھڑے کو آگے لایا اور ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں نے اپنے اپنے ہاتھ خطا کی قُربانی کے بچھڑے کے سر پر رکھّے۔ 15 پِھر اُس نے اُس کو ذبح کِیا اور مُوسیٰؔ نے خُون کو لے کر مذبح کے گِرداگِرد اُس کے سِینگوں پر اپنی اُنگلی سے لگایا اور مذبح کو پاک کِیا اور باقی خُون مذبح کے پایہ پر اُنڈیل کر اُس کا کفّارہ دِیا تاکہ وہ مُقدّس ہو۔ 16 اور مُوسیٰؔ نے انتڑیوں کے اُوپر کی ساری چربی اور جِگر پر کی جِھلّی اور دونوں گُردوں اور اُن کی چربی کو لِیا اور اُنہیں مذبح پر جلایا۔ 17 لیکن بچھڑے کو اُس کی کھال اور گوشت اور گوبر سمیت لشکر گاہ کے باہر آگ میں جلایا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم کِیا تھا۔
18 پِھر اُس نے سوختنی قُربانی کے مینڈھے کو حاضِر کِیا اور ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں نے اپنے اپنے ہاتھ اُس مینڈھے کے سر پر رکھّے۔ 19 اور اُس نے اُس کو ذبح کِیا اور مُوسیٰؔ نے خُون کو مذبح کے اُوپر گِرداگِرد چِھڑکا۔ 20 پِھر اُس نے مینڈھے کے عضو عضو کو کاٹ کر الگ کِیا اور مُوسیٰؔ نے سر اور اعضا اور چربی کو جلایا۔ 21 اور اُس نے انتڑیوں اور پایوں کو پانی سے دھویا اور مُوسیٰؔ نے پُورے مینڈھے کو مذبح پر جلایا۔ یہ سوختنی قُربانی راحت انگیز خُوشبُو کے لِئے تھی۔ یہ خُداوند کی آتِشِین قُربانی تھی جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم کِیا تھا۔
22 اور اُس نے دُوسرے مینڈھے کو جو تخصِیصی مینڈھا تھا حاضِر کِیا اور ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں نے اپنے اپنے ہاتھ اُس مینڈھے کے سر پر رکھّے۔ 23 اور اُس نے اُس کو ذبح کِیا اور مُوسیٰؔ نے اُس کا کُچھ خُون لے کر اُسے ہارُونؔ کے دہنے کان کی لَو پر اور دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر لگایا۔ 24 پِھر وہ ہارُونؔ کے بیٹوں کو آگے لایا اور اُسی خُون میں سے کُچھ اُن کے دہنے کان کی لَو پر اور دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر لگایا اور باقی خُون کو اُس نے مذبح کے اُوپر گِرداگِرد چِھڑکا۔ 25 اور اُس نے چربی اور موٹی دُم اور انتڑیوں کے اُوپر کی چربی اور جِگر پر کی جِھلّی اور دونوں گُردے اور اُن کی چربی اور دہنی ران اِن سبھوں کو لِیا۔ 26 اور بے خمِیری روٹِیوں کی ٹوکری میں سے جو خُداوند کے حضُور رہتی تھی بے خمِیری روٹی کا ایک گِردہ اور تیل چُپڑی ہُوئی روٹی کا ایک گِردہ اور ایک چپاتی نِکال کر اُنہیں چربی اور دہنی ران پر رکھّا۔ 27 اور اِن سبھوں کو ہارُون ؔاور اُس کے بیٹوں کے ہاتھوں پر رکھ کر اُن کو ہلانے کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور ہلایا۔ 28 پِھر مُوسیٰؔ نے اُن کو اُن کے ہاتھوں سے لے لِیا اور اُن کو مذبح پر سوختنی قُربانی کے اُوپر جلایا۔ یہ راحت انگیز خُوشبُو کے لِئے تخصِیصی قُربانی تھی۔ یہ خُداوند کی آتِشِین قُربانی تھی۔ 29 پِھر مُوسیٰؔ نے سِینہ کو لِیا اور اُس کو ہلانے کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور ہلایا۔ اُس تخصِیصی مینڈھے میں سے یِہی مُوسیٰؔ کا حِصّہ تھا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم کِیا تھا۔
30 اور مُوسیٰؔ نے مَسح کرنے کے تیل اور مذبح کے اُوپر کے خُون میں سے کُچھ کُچھ لے کر اُسے ہارُونؔ اور اُس کے لِباس پر اور ساتھ ہی اُس کے بیٹوں پر اور اُن کے لِباس پر چِھڑکا اور ہارُونؔ اور اُس کے لِباس کو اور اُس کے بیٹوں کو اور اُن کے لِباس کو مُقدّس کِیا۔
31 اور مُوسیٰؔ نے ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں سے کہا کہ یہ گوشت خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر پکاؤ اور اِس کو وہیں اُس روٹی کے ساتھ جو تخصِیصی ٹوکری میں ہے کھاؤ جَیسا مَیں نے حُکم کِیا ہے کہ ہارُونؔ اور اُس کے بیٹے اُسے کھائیں۔ 32 اور اِس گوشت اور روٹی میں سے جو کُچھ بچ رہے اُسے آگ میں جلا دینا۔ 33 اور جب تک تُمہاری تخصِیص کے ایّام پُورے نہ ہوں تب تک یعنی سات دِن تک تُم خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ سے باہر نہ جانا کیونکہ سات دِن تک وہ تُمہاری تخصِیص کرتا رہے گا۔ 34 جَیسا آج کِیا گیا ہے وَیسا ہی کرنے کا حُکم خُداوند نے دِیا ہے تاکہ تُمہارے لِئے کفّارہ ہو۔ 35 سو تُم خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر سات روز تک دِن رات ٹھہرے رہنا اور خُداوند کے حُکم کو ماننا تاکہ تُم مَر نہ جاؤ کیونکہ اَیسا ہی حُکم مُجھ کو مِلا ہے۔ 36 پس ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں نے سب کام خُداوند کے حُکم کے مُطابِق کِیا جو اُس نے مُوسیٰؔ کی معرفت دِیا تھا۔
ہارُونؔ قُربانِیاں چڑھاتا ہے
1 آٹھویں دِن مُوسیٰؔ نے ہارُون ؔاور اُس کے بیٹوں کو اور بنی اِسرائیل کے بزُرگوں کو بُلایا اور ہارُونؔ سے کہا کہ 2 خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بے عَیب بچھڑا اور سوختنی قُربانی کے لِئے ایک بے عَیب مینڈھا تو اپنے واسطے لے اور اُن کو خُداوند کے حضُور گُذران۔ 3 اور بنی اِسرائیل سے کہہ کہ تُم خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بکرا اور سوختنی قُربانی کے لِئے ایک بچھڑا اور ایک برّہ جو یکسالہ اور بے عَیب ہوں لو۔ 4 اور سلامتی کے ذِبِیحہ کے لِئے خُداوند کے حضُور چڑھانے کے واسطے ایک بَیل اور ایک مینڈھا اور تیل مِلی ہُوئی نذر کی قُربانی بھی لو کیونکہ آج خُداوند تُم پر ظاہِر ہو گا۔
5 اور وہ جو کُچھ مُوسیٰؔ نے حُکم کِیا تھا سب خَیمۂِ اِجتماع کے سامنے لے آئے اور ساری جماعت نزدِیک آ کر خُداوند کے حضُور کھڑی ہُوئی۔ 6 مُوسیٰؔ نے کہا یہ وہ کام ہے جِس کی بابت خُداوند نے حُکم دِیا ہے کہ تُم اُسے کرو اور خُداوند کا جلال تُم پر ظاہِر ہو گا۔ 7 اور مُوسیٰؔ نے ہارُونؔ سے کہا کہ مذبح کے نزدِیک جا اور اپنی خطا کی قُربانی اور اپنی سوختنی قُربانی گُذران اور اپنے لِئے اور قَوم کے لِئے کفّارہ دے اور جماعت کے چڑھاوے کو گُذران اور اُن کے لِئے کفّارہ دے جَیسا خُداوند نے حُکم کِیا ہے۔
8 سو ہارُونؔ نے مذبح کے پاس جا کر اُس بچھڑے کو جو اُس کی خطا کی قُربانی کے لِئے تھا ذبح کِیا۔ 9 اور ہارُونؔ کے بیٹے خُون کو اُس کے پاس لے گئے اور اُس نے اپنی اُنگلی اُس میں ڈبو ڈبو کر اُسے مذبح کے سِینگوں پر لگایا اور باقی خُون مذبح کے پایہ پر اُنڈیل دِیا۔ 10 لیکن خطا کی قُربانی کی چربی اور گُردوں اور جِگر پر کی جِھلّی کو اُس نے مذبح پر جلایا جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم کِیا تھا۔ 11 اور گوشت اور کھال کو لشکر گاہ کے باہر آگ میں جلایا۔
12 پِھر اُس نے سوختنی قُربانی کے جانور کو ذبح کِیا اور ہارُونؔ کے بیٹوں نے خُون اُسے دِیا اور اُس نے اُس کو مذبح کے گِرداگِرد چِھڑکا 13 اور سوختنی قُربانی کو ایک ایک ٹُکڑا کر کے سر سمیت اُس کو دِیا اور اُس نے اُنہیں مذبح پر جلایا۔ 14 اور اُس نے انتڑیوں اور پایوں کو دھویا اور اُن کو مذبح پر سوختنی قُربانی کے اُوپر جلایا۔
15 پِھر جماعت کے چڑھاوے کو آگے لا کر اور اُس بکرے کو جو جماعت کی خطا کی قُربانی کے لِئے تھا لے کر اُس کو ذبح کِیا اور پہلے کی طرح اُسے بھی خطا کے لِئے گُذرانا۔ 16 اور سوختنی قُربانی کے جانور کو آگے لا کر اُس نے اُسے حُکم کے مُطابِق گُذرانا۔ 17 پِھر نذر کی قُربانی کو آگے لایا اور اُس میں سے ایک مُٹّھی لے کر صبُح کی سوختنی قُربانی کے علاوہ اُسے جلایا۔ 18 اور اُس نے بَیل اور مینڈھے کو جو لوگوں کی طرف سے سلامتی کے ذبِیحے تھے ذبح کِیا اور ہارُونؔ کے بیٹوں نے خُون اُسے دِیا اور اُس نے اُس کو مذبح پر گِرداگِرد چِھڑکا۔ 19 اور اُنہوں نے بَیل کی چربی کو اور مینڈھے کی موٹی دُم کو اور اُس چربی کو جِس سے انتڑیاں ڈھکی رہتی ہیں اور دونوں گُردوں اور جِگر پر کی جِھلّی کو بھی اُسے دِیا۔ 20 اور چربی سِینوں پر دھر دی۔ سو اُس نے وہ چربی مذبح پر جلائی۔ 21 اور سِینہ اور دہنی ران کو ہارُونؔ نے مُوسیٰؔ کے حُکم کے مُطابِق ہلانے کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور ہلایا۔
22 اور ہارُونؔ نے جماعت کی طرف اپنے ہاتھ بڑھا کر اُن کو برکت دی اور خطا کی قُربانی اور سوختنی قُربانی اور سلامتی کی قُربانی گُذران کر نِیچے اُتر آیا۔ 23 اور مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ خَیمۂِ اِجتماع میں داخِل ہُوئے اور باہر نِکل کر لوگوں کو برکت دی۔ تب سب لوگوں پر خُداوند کا جلال نمودار ہُؤا۔ 24 اور خُداوند کے حضُور سے آگ نِکلی اور سوختنی قُربانی اور چربی کو مذبح کے اُوپر بھسم کر دِیا۔ لوگوں نے یہ دیکھ کر نعرے مارے اور سرنِگُوں ہو گئے۔
ندبؔ اور اَبِیہُوؔ کا گُناہ
1 اور ندؔب اور اَبِیہُو ؔنے جو ہارُونؔ کے بیٹے تھے اپنے اپنے بخُور دان کو لے کر اُن میں آگ بھری اور اُس پر اَور اُوپری آگ جِس کا حُکم خُداوند نے اُن کو نہیں دِیا تھا خُداوند کے حضُور گُذرانی۔ 2 اور خُداوند کے حضُور سے آگ نِکلی اور اُن دونوں کو کھا گئی اور وہ خُداوند کے حضُور مَر گئے۔ 3 تب مُوسیٰؔ نے ہارُونؔ سے کہا یہ وُہی بات ہے جو خُداوند نے کہی تھی کہ جو میرے نزدِیک آئیں ضرُور ہے کہ وہ مُجھے مُقدّس جانیں اور سب لوگوں کے آگے میری تمجِید کریں اور ہارُونؔ چُپ رہا۔
4 پِھر مُوسیٰؔ نے میسائیلؔ اور الصفنؔ کو جو ہارُونؔ کے چچا عُزِّی ایلؔ کے بیٹے تھے بُلا کر اُن سے کہا نزدِیک آؤ اور اپنے بھائیوں کو مَقدِس کے سامنے سے اُٹھا کر لشکر گاہ کے باہر لے جاؤ۔ 5 پس وہ نزدِیک گئے اور اُنہیں اُن کے کُرتوں سمیت اُٹھا کر مُوسیٰؔ کے حُکم کے مُطابِق لشکر گاہ کے باہر لے گئے۔
6 اور مُوسیٰؔ نے ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں اِلیعزرؔ اور اِتمرؔ سے کہا کہ نہ تُمہارے سر کے بال بکھرنے پائیں اور نہ تُم اپنے کپڑے پھاڑنا تاکہ نہ تُم ہی مَرو اور نہ ساری جماعت پر اُس کا غضب نازِل ہو پر اِسرائیلؔ کے سب گھرانے کے لوگ جو تُمہارے بھائی ہیں اُس آگ پر جو خُداوند نے لگائی ہے نَوحہ کریں۔ 7 اور تُم خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ سے باہر نہ جانا تا اَیسا نہ ہو کہ تُم مَر جاؤ کیونکہ خُداوند کا مَسح کرنے کا تیل تُم پر لگا ہُؤا ہے۔ سو اُنہوں نے مُوسیٰؔ کے کہنے کے مُطابِق عمل کِیا۔
کاہِنوں کے لِئے ضوابط
8 اور خُداوند نے ہارُونؔ سے کہا کہ 9 تُو یا تیرے بیٹے مَے یا شراب پی کر کبھی خَیمۂِ اِجتماع کے اندر داخِل نہ ہونا تاکہ تُم مَر نہ جاؤ۔ یہ تُمہارے لِئے نسل در نسل ہمیشہ تک ایک قانُون رہے گا۔ 10 تاکہ تُم مُقدّس اور عام اشیا میں اور پاک اور ناپاک میں تمیز کر سکو۔ 11 اور بنی اِسرائیل کو وہ سب آئین سِکھا سکو جو خُداوند نے مُوسیٰؔ کی معرفت اُن کو فرمائے ہیں۔
12 پِھر مُوسیٰؔ نے ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں اِلیعزرؔ اور اِتمرؔ سے جو باقی رہ گئے تھے کہا کہ خُداوند کی آتِشِین قُربانیوں میں سے جو نذر کی قُربانی بچ رہی ہے اُسے لے لو اور بغَیر خمِیر کے اُس کو مذبح کے پاس کھاؤ کیونکہ یہ نِہایت مُقدّس ہے۔ 13 اور تُم اُسے کِسی پاک جگہ میں کھانا۔ اِس لِئے کہ خُداوند کی آتِشِین قُربانیوں میں سے تیرا اور تیرے بیٹوں کا یہ حق ہے کیونکہ مُجھے اَیسا ہی حُکم مِلا ہے۔ 14 اور ہلانے کی قُربانی کے سِینہ کو اور اُٹھانے کی قُربانی کی ران کو تُم لوگ یعنی تیرے ساتھ تیرے بیٹے اور بیٹیاں بھی کِسی صاف جگہ میں کھانا کیونکہ بنی اِسرائیل کے سلامتی کے ذبِیحوں میں سے یہ تیرا اور تیرے بیٹوں کا حق ہے جو دِیا گیا ہے۔ 15 اور اُٹھانے کی قُربانی کی ران اور ہلانے کی قُربانی کا سِینہ جِسے وہ چربی کی آتِشِین قُربانیوں کے ساتھ لائیں گے تاکہ وہ خُداوند کے حضُور ہلانے کی قُربانی کے طَور پر ہلائے جائیں۔ یہ دونوں ہمیشہ کے لِئے خُداوند کے حُکم کے مُطابِق تیرا اور تیرے بیٹوں کا حق ہو گا۔
16 پِھر مُوسیٰؔ نے خطا کی قُربانی کے بکرے کو جو بُہت تلاش کِیا تو کیا دیکھتا ہے کہ وہ جل چُکا ہے۔ تب وہ ہارُونؔ کے بیٹوں اِلیعزرؔ اور اِتمرؔ پر جو بچ رہے تھے ناراض ہُؤا اور کہنے لگا کہ 17 خطا کی قُربانی جو نِہایت مُقدّس ہے اور جِسے خُداوند نے تُم کو اِس لِئے دِیا ہے کہ تُم جماعت کے گُناہ کو اپنے اُوپر اُٹھا کر خُداوند کے حضُور اُن کے لِئے کفّارہ دو تُم نے اُس کا گوشت مَقدِس میں کیوں نہ کھایا؟ 18 دیکھو! اُس کا خُون مَقدِس میں تو لایا ہی نہیں گیا تھا۔ پس تُم کو لازِم تھا کہ میرے حُکم کے مُطابِق تُم اُسے مَقدِس میں کھا لیتے۔
19 تب ہارُونؔ نے مُوسیٰؔ سے کہا دیکھ! آج ہی اُنہوں نے اپنی خطا کی قُربانی اور اپنی سوختنی قُربانی خُداوند کے حضُور گُذرانی اور مُجھ پر اَیسے اَیسے حادثے گُذر گئے۔ پس اگر مَیں آج خطا کی قُربانی کا گوشت کھاتا تو کیا یہ بات خُداوند کی نظر میں بھلی ہوتی؟ 20 جب مُوسیٰؔ نے یہ سُنا تو اُسے پسند آیا۔
جانور جو کھائے جا سکتے ہیں
1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ سے کہا۔ 2 تُم بنی اِسرائیل سے کہو کہ زمِین کے سب حَیوانات میں سے جِن جانوروں کو تُم کھا سکتے ہو وہ یہ ہیں۔ 3 جانوروں میں جِن کے پاؤں الگ اور چرے ہُوئے ہیں اور وہ جُگالی کرتے ہیں تُم اُن کو کھاؤ۔ 4 مگر جو جُگالی کرتے ہیں یا جِن کے پاؤں الگ ہیں اُن میں سے تُم اِن جانوروں کو نہ کھانا یعنی اُونٹ کو کیونکہ وہ جُگالی کرتا ہے پر اُس کے پاؤں الگ نہیں۔ سو وہ تُمہارے لِئے ناپاک ہے۔ 5 اور سافان کو کیونکہ وہ جُگالی کرتا ہے پر اُس کے پاؤں الگ نہیں۔ وہ بھی تُمہارے لِئے ناپاک ہے۔ 6 اور خرگوش کو کیونکہ وہ جُگالی تو کرتا ہے پر اُس کے پاؤں الگ نہیں۔ وہ بھی تُمہارے لِئے ناپاک ہے۔ 7 اور سُؤر کو کیونکہ اُس کے پاؤں الگ اور چِرے ہُوئے ہیں پر وہ جُگالی نہیں کرتا۔ وہ بھی تُمہارے لِئے ناپاک ہے۔ 8 تُم اُن کا گوشت نہ کھانا اور اُن کی لاشوں کو نہ چُھونا۔ وہ تُمہارے لِئے ناپاک ہیں۔
9 جو جانور پانی میں رہتے ہیں اُن میں سے تُم اِن کو کھانا یعنی سمُندروں اور دریاؤں وغیرہ کے جانوروں میں جِن کے پَر اور چِھلکے ہوں تُم اُنہیں کھاؤ۔ 10 لیکن وہ سب جاندار جو پانی میں یعنی سمُندروں اور دریاؤں وغیرہ میں چلتے پِھرتے اور رہتے ہیں لیکن اُن کے پَر اور چِھلکے نہیں ہوتے وہ تُمہارے لِئے مکرُوہ ہیں۔ 11 اور وہ تُمہارے لِئے مکرُوہ ہی رہیں۔ تُم اُن کا گوشت نہ کھانا اور اُن کی لاشوں سے کراہِیّت کرنا۔ 12 پانی کے جِس کِسی جاندار کے نہ پَر ہوں اور نہ چِھلکے وہ تُمہارے لِئے مکرُوہ ہے۔
13 اور پرِندوں میں جو مکرُوہ ہونے کے سبب سے کبھی کھائے نہ جائیں اور جِن سے تُمہیں کراہِیّت کرنا ہے سو یہ ہیں۔ عُقاب اور اُستخوان خوار اور لگڑ۔ 14 اور چِیل اور ہر قِسم کا باز۔ 15 اور ہر قِسم کے کوّے۔ 16 اور شُتر مُرغ اور چُغد اور کوکل اور ہر قِسم کے شاہِین۔ 17 اور بُوم اور ہڑگیلا اور اُلُّو۔ 18 اور قاز اور حواصِل اور گِدھ۔ 19 اور لقلق اور سب قِسم کے بگلے اور ہدہد اور چمگادڑ۔
20 اور سب پردار رینگنے والے جاندار جِتنے چار پاؤں کے بل چلتے ہیں وہ تُمہارے لِئے مکرُوہ ہیں۔ 21 مگر پَردار رینگنے والے جان داروں میں سے جو چار پاؤں کے بل چلتے ہیں تُم اُن جان داروں کو کھا سکتے ہو جِن کے زمِین کے اُوپر کُودنے پھاندنے کو پاؤں کے اُوپر ٹانگیں ہوتی ہیں۔ 22 وہ جنہیں تُم کھا سکتے ہو یہ ہیں۔ ہر قِسم کی ٹِڈّی اور ہر قِسم کا سُلعام اور ہر قِسم کا جِھینگر اور ہر قِسم کا ٹِڈّا۔ 23 پر سب پَردار رینگنے والے جاندار جِن کے چار پاؤں ہیں وہ تُمہارے لِئے مکرُوہ ہیں۔
24 اور اِن سے تُم ناپاک ٹھہرو گے۔ جو کوئی اِن میں سے کِسی کی لاش کو چُھوئے وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 25 اور جو کوئی اِن کی لاش میں سے کُچھ بھی اُٹھائے وہ اپنے کپڑے دھو ڈالے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 26 اور سب چارپائے جِن کے پاؤں الگ ہیں پر وہ چِرے ہُوئے نہیں اور نہ وہ جُگالی کرتے ہیں وہ تُمہارے لِئے ناپاک ہیں۔ جو کوئی اُن کو چُھوئے وہ ناپاک ٹھہرے گا۔ 27 اور چار پاؤں پر چلنے والے جانوروں میں سے جِتنے اپنے پنجوں کے بل چلتے ہیں وہ بھی تُمہارے لِئے ناپاک ہیں۔ جو کوئی اُن کی لاش کو چُھوئے وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 28 اور جو کوئی اُن کی لاش کو اُٹھائے وہ اپنے کپڑے دھو ڈالے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ یہ سب تُمہارے لِئے ناپاک ہیں۔
29 اور زمِین پر کے رینگنے والے جانوروں میں سے جو تُمہارے لِئے ناپاک ہیں وہ یہ ہیں یعنی نیولا اور چُوہا اور ہر قِسم کی بڑی چِھپکلی۔ 30 اور حرذُون اور گوہ اور چِھپکلی اور سانڈا اور گرگٹ۔ 31 سب رینگنے والے جان داروں میں سے یہ تُمہارے لِئے ناپاک ہیں۔ جو کوئی اُن کے مَرے پِیچھے اُن کو چُھوئے وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 32 اور جِس چِیز پر وہ مَرے پِیچھے گِریں وہ چِیز ناپاک ہو گی خواہ وہ لکڑی کا برتن ہو یا کپڑا یا چمڑا یا بورا ہو۔ خواہ کِسی کا کَیسا ہی برتن ہو ضرُور ہے کہ وہ پانی میں ڈالا جائے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ اِس کے بعد وہ پاک ٹھہرے گا۔ 33 اور اگر اِن میں سے کوئی کِسی مِٹّی کے برتن میں گِر جائے تو جو کُچھ اُس میں ہے وہ ناپاک ہو گا اور برتن کو تُم توڑ ڈالنا۔ 34 اُس کے اندر اگر کھانے کی کوئی چِیز ہو جِس میں پانی پڑا ہُؤا ہو تو وہ بھی ناپاک ٹھہرے گی اور اگر اَیسے برتن میں پِینے کے لِئے کُچھ ہو تو وہ ناپاک ہو گا۔ 35 اور جِس چِیز پر اُن کی لاش کا کوئی حِصّہ گِرے خواہ وہ تنُور ہو یا چُولھا وہ ناپاک ہو گی اور توڑ ڈالی جائے۔ اَیسی چِیزیں ناپاک ہوتی ہیں اور وہ تُمہارے لِئے بھی ناپاک ہوں۔ 36 مگر چشمہ یا تالاب جِس میں بُہت پانی ہو وہ پاک رہے گا پر جو کُچھ اُن کی لاش سے چُھو جائے وہ ناپاک ہو گا۔ 37 اور اگر اُن کی لاش کا کُچھ حِصّہ کِسی بونے کے بِیج پر گِرے تو وہ بیج پاک رہے گا۔ 38 پر اگر بیج پر پانی ڈالا گیا ہو اور اِس کے بعد اُن کی لاش میں سے کُچھ اُس پر گِرا ہو تو وہ تُمہارے لِئے ناپاک ہو گا۔
39 اور جِن جانوروں کو تُم کھا سکتے ہو اگر اُن میں سے کوئی مَر جائے تو جو کوئی اُس کی لاش کو چُھوئے وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 40 اور جو کوئی اُن کی لاش میں سے کُچھ کھائے وہ اپنے کپڑے دھو ڈالے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا اور جو کوئی اُن کی لاش کو اُٹھائے وہ اپنے کپڑے دھو ڈالے اور وہ شام تک ناپاک رہے گا۔
41 اور سب رینگنے والے جاندار جو زمِین پر رینگتے ہیں مکرُوہ ہیں اور کبھی کھائے نہ جائیں۔ 42 اور زمِین پر کے سب رینگنے والے جان داروں میں سے جِتنے پیٹ یا چار پاؤں کے بل چلتے ہیں یا جِن کے بُہت سے پاؤں ہوتے ہیں اُن کو تُم نہ کھانا کیونکہ وہ مکرُوہ ہیں۔ 43 اور تُم کِسی رینگنے والے جاندار کے سبب سے جو زمِین پر رینگتا ہے اپنے آپ کو مکرُوہ نہ بنا لینا اور نہ اُن سے اپنے آپ کو ناپاک کرنا کہ نجِس ہو جاؤ۔ 44 کیونکہ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔ اِس لِئے اپنے آپ کو مُقدّس کرنا اور پاک ہونا کیونکہ مَیں قُدُّوس ہُوں۔ سو تُم کِسی طرح کے رینگنے والے جاندار سے جو زمِین پر چلتا ہے اپنے آپ کو ناپاک نہ کرنا۔ 45 کیونکہ مَیں خُداوند ہُوں اور تُم کو مُلکِ مِصرؔ سے اِسی لِئے نکال کر لایا ہُوں کہ مَیں تُمہارا خُدا ٹھہروں۔ اِس لِئے تُم مُقدّس ہونا کیونکہ مَیں قُدُّوس ہُوں۔
46 حَیوانات اور پرِندوں اور آبی جانوروں اور زمِین پر کے سب رینگنے والے جان داروں کے بارے میں شرع یِہی ہے۔ 47 تاکہ پاک اور ناپاک میں اور جو جانور کھائے جا سکتے ہیں اور جو نہیں کھائے جا سکتے اُن کے درمیان اِمتیاز کِیا جائے۔
زچگی کے بعد عَورت کی طہارت
1 اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 2 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ اگر کوئی عَورت حامِلہ ہو اور اُس کے لڑکا ہو تو وہ سات دِن ناپاک رہے گی جَیسے حَیض کے ایّام میں رہتی ہے۔ 3 اور آٹھویں دِن لڑکے کا خَتنہ کِیا جائے۔ 4 اِس کے بعد تَینتیس دِن تک وہ طہارت کے خُون میں رہے اور جب تک اُس کی طہارت کے ایّام پُورے نہ ہوں تب تک نہ تو کِسی مُقدّس چِیز کو چُھوئے اور نہ مَقدِس میں داخِل ہو۔
5 اور اگر اُس کے لڑکی ہو تو وہ دو ہفتے ناپاک رہے گی جَیسے حَیض کے ایّام میں رہتی ہے۔ اِس کے بعد وہ چھیاسٹھ دِن تک طہارت کے خُون میں رہے۔
6 اور جب اُس کی طہارت کے ایّام پُورے ہو جائیں تو خواہ اُس کے بیٹا ہُؤا ہو یا بیٹی وہ سوختنی قُربانی کے لِئے ایک یکسالہ برّہ اور خطا کی قُربانی کے لِئے کبُوتر کا ایک بچّہ یا ایک قُمری خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر کاہِن کے پاس لائے۔ 7 اور کاہِن اُسے خُداوند کے حضُور گُذرانے اور اُس کے لِئے کفّارہ دے۔ تب وہ اپنے جریانِ خُون سے پاک ٹھہرے گی۔ جِس عَورت کے لڑکا یا لڑکی ہو اُس کے بارے میں شرع یہ ہے۔
8 اور اگر اُس کو برّہ لانے کا مقدُور نہ ہو تو وہ دو قُمرِیاں یا کبُوتر کے دو بچّے ایک سوختنی قُربانی کے لِئے اور دُوسرا خطا کی قُربانی کے لئے لائے۔ یُوں کاہِن اُس کے لِئے کفّارہ دے تو وہ پاک ٹھہرے گی۔
جِلدی بیماریوں کے قوانِین
1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ سے کہا۔ 2 اگر کِسی کے جِسم کی جِلد میں ورم یا پپڑی یا سفید چمکتا ہُؤا داغ ہو اور اُس کے جِسم کی جِلد میں کوڑھ سی بلا ہو تو اُسے ہارُونؔ کاہِن کے پاس یا اُس کے بیٹوں میں سے جو کاہِن ہیں کِسی کے پاس لے جائیں۔ 3 اور کاہِن اُس کے جِسم کی جِلد کی بلا کو دیکھے۔ اگر اُس بلا کی جگہ کے بال سفید ہو گئے ہوں اور وہ بلا دیکھنے میں کھال سے گہری ہو تو وہ کوڑھ کا مرض ہے اور کاہِن اُس شخص کو دیکھ کر اُسے ناپاک قرار دے۔ 4 اور اگر اُس کے جِسم کی جِلد کا چمکتا ہُؤا داغ سفید تو ہو پر کھال سے گہرا نہ دِکھائی دے اور نہ اُس کے اُوپر کے بال سفید ہو گئے ہوں تو کاہِن اُس شخص کو سات دِن تک بند رکھّے۔ 5 اور ساتویں دِن کاہِن اُسے مُلاحظہ کرے اور اگر وہ بلا اُسے وہِیں کی وہِیں دِکھائی دے اور جِلد پر پَھیل نہ گئی ہو تو کاہِن اُسے سات دِن اَور بند رکھّے۔ 6 اور ساتویں دِن کاہِن اُسے پِھر مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ اُس بلا کی چمک کم ہے اور وہ جِلد کے اُوپر پَھیلی بھی نہیں ہے تو کاہِن اُسے پاک قرار دے کیونکہ وہ پپڑی ہے۔ سو وہ اپنے کپڑے دھو ڈالے اور صاف ہو جائے۔ 7 لیکن اگر کاہِن کے اُس مُلاحظہ کے بعد جِس میں وہ صاف قرار دِیا گیا تھا وہ پپڑی اُس کی جِلد پر بُہت پَھیل جائے تو وہ شخص کاہِن کو پِھر دِکھایا جائے۔ 8 اور کاہِن اُسے مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ وہ پپڑی جِلد پر پَھیل گئی ہے تو وہ اُسے ناپاک قرار دے کیونکہ وہ کوڑھ ہے۔
9 اگر کِسی شخص کو کوڑھ کا مرض ہو تو اُسے کاہِن کے پاس لے جائیں۔ 10 اور کاہِن اُسے مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ جِلد پر سفید ورم ہے اور اُس نے بالوں کو سفید کر دِیا ہے اور اُس ورم کی جگہ کا گوشت جِیتا اور کچّا ہے۔ 11 تو یہ اُس کے جِسم کی جِلد میں پُرانا کوڑھ ہے۔ سو کاہِن اُسے ناپاک قرار دے پر اُسے بند نہ کرے کیونکہ وہ ناپاک ہے۔ 12 اور اگر کوڑھ جِلد میں چاروں طرف پُھوٹ آئے اور جہاں تک کاہِن کو دِکھائی دیتا ہے یِہی معلُوم ہو کہ اُس کی جِلد سر سے پاؤں تک کوڑھ سے ڈھک گئی ہے۔ 13 تو کاہِن غَور سے دیکھے اور اگر اُس شخص کا سارا جِسم کوڑھ سے ڈھکا ہُؤا نِکلے تو کاہِن اُس مرِیض کو پاک قرار دے کیونکہ وہ سب سفید ہو گیا ہے اور وہ پاک ہے۔ 14 پر جِس دِن جِیتا اور کچّا گوشت اُس پر دِکھائی دے وہ ناپاک ہو گا۔ 15 اور کاہِن اُس کچّے گوشت کو دیکھ کر اُس شخص کو ناپاک قرار دے۔ کچّا گوشت ناپاک ہوتا ہے۔ وہ کوڑھ ہے۔ 16 اور اگر وہ کچّا گوشت پِھر کر سفید ہو جائے تو وہ کاہِن کے پاس جائے۔ 17 اور کاہِن اُسے مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ مرض کی جگہ سب سفید ہو گئی ہے تو کاہِن مرِیض کو پاک قرار دے وہ پاک ہے۔
18 اور اگر کِسی کے جِسم کی جِلد پر پھوڑا ہو کر اچھّا ہو جائے۔ 19 اور پھوڑے کی جگہ سفید ورم یا سُرخی مائِل چمکتا ہُؤا سفید داغ ہو تو وہ کاہِن کو دِکھایا جائے۔ 20 اور کاہِن اُسے مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ وہ کھال سے گہرا نظر آتا ہے اور اُس پر کے بال بھی سفید ہو گئے ہیں تو کاہِن اُس شخص کو ناپاک قرار دے کیونکہ وہ کوڑھ ہے جو پھوڑے میں سے پُھوٹ کر نِکلا ہے۔ 21 پر اگر کاہِن دیکھے کہ اُس پر سفید بال نہیں اور وہ کھال سے گہرا بھی نہیں ہے اور اُس کی چمک کم ہے تو کاہِن اُسے سات دِن تک بند رکھّے۔ 22 اور اگر وہ جِلد پر چاروں طرف پَھیل جائے تو کاہِن اُسے ناپاک قرار دے کیونکہ وہ کوڑھ کی بلا ہے۔ 23 پر اگر وہ چمکتا ہُؤا داغ اپنی جگہ پر وہِیں کا وہِیں رہے اور پَھیل نہ جائے تو وہ پھوڑے کا داغ ہے۔ پس کاہِن اُس شخص کو پاک قرار دے۔
24 یا اگر جِسم کی کھال کہِیں سے جل جائے اور اُس جلی ہُوئی جگہ کا جِیتا گوشت ایک سُرخی مائِل چمکتا ہُؤا سفید داغ یا بِالکُل ہی سفید داغ بن جائے۔ 25 تو کاہِن اُسے مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ اُس چمکتے ہُوئے داغ کے بال سفید ہو گئے ہیں اور وہ کھال سے گہرا دِکھائی دیتا ہے تو وہ کوڑھ ہے جو اُس جل جانے سے پَیدا ہُؤا ہے اور کاہِن اُس شخص کو ناپاک قرار دے کیونکہ اُسے کوڑھ کی بِیماری ہے۔ 26 لیکن اگر کاہِن دیکھے کہ اُس چمکتے ہُوئے داغ پر سفید بال نہیں اور نہ وہ کھال سے گہرا ہے بلکہ اُس کی چمک بھی کم ہے تو وہ اُسے سات دِن تک بند رکھّے۔ 27 اور ساتویں دِن کاہِن اُسے دیکھے۔ اگر وہ جِلد پر بُہت پَھیل گیا ہو تو کاہِن اُس شخص کو ناپاک قرار دے کیونکہ اُسے کوڑھ کی بیماری ہے۔ 28 اور اگر وہ چمکتا ہُؤا داغ اپنی جگہ پر وہِیں کا وہِیں رہے اور جِلد پر پَھیلا ہُؤا نہ ہو بلکہ اُس کی چمک بھی کم ہو تو وہ فقط جل جانے کے باعِث پُھولا ہُؤا ہے اور کاہِن اُس شخص کو پاک قرار دے کیونکہ وہ داغ جل جانے کے سبب سے ہے۔
29 اگر کِسی مَرد یا عَورت کے سر یا ٹھوڑی میں داغ ہو۔ 30 تو کاہِن اُس داغ کو مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ وہ کھال سے گہرا معلُوم ہوتا ہے اور اُس پر زرد زرد بارِیک رَونگٹے ہیں تو کاہِن اُس شخص کو ناپاک قرار دے کیونکہ وہ سعفہ ہے جو سر یا ٹھوڑی کا کوڑھ ہے۔ 31 اور اگر کاہِن دیکھے کہ وہ سعفہ کی بلا کھال سے گہری نہیں معلُوم ہوتی اور اُس پر سِیاہ بال نہیں ہیں تو کاہِن اُس شخص کو جِسے سعفہ کا مرض ہے سات دِن تک بند رکھّے۔ 32 اور ساتویں دِن کاہِن اُس بلا کا مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ سعفہ پَھیلا نہیں اور اُس پر کوئی زرد بال بھی نہیں اور سعفہ کھال سے گہرا نہیں معلُوم ہوتا۔ 33 تو اُس شخص کے بال مُونڈے جائیں لیکن جہاں سعفہ ہو وہ جگہ نہ مُونڈی جائے اور کاہِن اُس شخص کو جِسے سعفہ کا مرض ہے سات دِن اَور بند رکھّے۔ 34 پِھر ساتویں زور کاہِن سعفہ کا مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ سعفہ جِلد میں پَھیلا نہیں اور نہ وہ کھال سے گہرا دِکھائی دیتا ہے تو کاہِن اُس شخص کو پاک قرار دے اور وہ اپنے کپڑے دھوئے اور صاف ہو جائے۔ 35 پر اگر اُس کی صفائی کے بعد سعفہ اُس کی جِلد پر بُہت پَھیل جائے تو کاہِن اُسے دیکھے۔ 36 اور اگر سعفہ اُس کی جِلد پر پَھیلا ہُؤا نظر آئے تو کاہِن زرد بال کو نہ ڈُھونڈے کیونکہ وہ شخص ناپاک ہے۔ 37 پر اگر اُس کو سعفہ اپنی جگہ پر وہِیں کا وہِیں دِکھائی دے اور اُس پر سِیاہ بال نِکلے ہُوئے ہوں تو سعفہ اچھّا ہو گیا۔ وہ شخص پاک ہے اور کاہِن اُسے پاک قرار دے۔
38 اور اگر کِسی مَرد یا عَورت کے جِسم کی جِلد میں چمکتے ہُوئے داغ یا سفید چمکتے ہُوئے داغ ہوں۔ 39 تو کاہِن دیکھے اور اگر اُن کے جِسم کی جِلد کے داغ سِیاہی مائِل سفید رنگ کے ہوں تو وہ چِھیپ ہے جو جِلد میں پُھوٹ نِکلی ہے۔ وہ شخص پاک ہے۔
40 اور جِس شخص کے سر کے بال گِر گئے ہوں وہ گنجا تو ہے مگر پاک ہے۔ 41 اور جِس شخص کے سر کے بال پیشانی کی طرف سے گِر گئے ہوں وہ چندلا تو ہے مگر پاک ہے۔ 42 لیکن اُس گنجے یا چندلے سر پر سُرخی مائِل سفید داغ ہو تو یہ کوڑھ ہے جو اُس کے گنجے یا چندلے سر پر نِکلا ہے۔ 43 سو کاہِن اُسے مُلاحظہ کرے اور اگر وہ دیکھے کہ اُس کے گنجے یا چندلے سر پر وہ داغ اَیسا سُرخی مائِل سفید رنگ لِئے ہُوئے ہے جَیسا جِلد کے کوڑھ میں ہوتا ہے۔ 44 تو وہ آدمی کوڑھی ہے۔ وہ ناپاک ہے اور کاہِن اُسے ضرُور ہی ناپاک قرار دے کیونکہ وہ مرض اُس کے سر پر ہے۔
45 اور جو کوڑھی اِس بلا میں مُبتلا ہو اُس کے کپڑے پھٹے اور اُس کے سر کے بال بِکھرے رہیں اور وہ اپنے اُوپر کے ہونٹ کو ڈھانکے اور چِلاّ چِلاّ کر کہے ناپاک ناپاک۔ 46 جِتنے دِنوں تک وہ اِس بلا میں مُبتلا رہے وہ ناپاک رہے گا اور وہ ہے بھی ناپاک۔ پس وہ اکیلا رہا کرے۔ اُس کا مکان لشکر گاہ کے باہر ہو۔
پھپھُوندی کے قوانِین
47 اور وہ کپڑا بھی جِس میں کوڑھ کی بلا ہو خواہ وہ اُون کا ہو یا کتان کا۔ 48 اور وہ بلا بھی خواہ کتان یا اُون کے کپڑے کے تانے میں یا اُس کے بانے میں ہو یا وہ چمڑے میں ہو یا چمڑے کی بنی ہُوئی کِسی چِیز میں ہو۔ 49 اگر وہ بلا کپڑے میں یا چمڑے میں۔ کپڑے کے تانے میں یا بانے میں یا چمڑے کی کِسی چِیز میں سبزی مائِل یا سُرخی مائِل رنگ کی ہو تو وہ کوڑھ کی بلا ہے اور کاہِن کو دِکھائی جائے۔ 50 اور کاہِن اُس بلا کو دیکھے اور اُس چِیز کو جِس میں وہ بلا ہے سات دِن تک بند رکھّے۔ 51 اور ساتویں دِن اُس کو دیکھے۔ اگر وہ بلا کپڑے کے تانے میں یا بانے میں یا چمڑے پر یا چمڑے کی بنی ہُوئی کِسی چِیز پر پَھیل گئی ہو تو وہ کھا جانے والا کوڑھ ہے اور ناپاک ہے۔ 52 اور اُس اُون یا کتان کے کپڑے کو جِس کے تانے میں یا بانے میں وہ بلا ہے یا چمڑے کی اُس چِیز کو جِس میں وہ ہے جلا دے کیونکہ یہ کھا جانے والا کوڑھ ہے۔ وہ آگ میں جلایا جائے۔
53 اور اگر کاہِن دیکھے کہ وہ بلا کپڑے کے تانے میں یا بانے میں یا چمڑے کی کِسی چِیز میں پَھیلی ہُوئی نظر نہیں آتی۔ 54 تو کاہِن حُکم کرے کہ اُس چِیز کو جِس میں وہ بلا ہے دھوئیں اور وہ پِھر اُسے اَور سات دِن تک بند رکھّے۔ 55 اور اُس بلا کے دھوئے جانے کے بعد کاہِن پِھر اُسے مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ اُس بلا کا رنگ نہیں بدلا اور وہ پَھیلی بھی نہیں ہے تو وہ ناپاک ہے۔ تُو اُس کپڑے کو آگ میں جلا دینا کیونکہ وہ کھا جانے والی بلا ہے خواہ اُس کا فساد اندرُونی ہو یا بیرُونی۔ 56 اور اگر کاہِن دیکھے کے دھونے کے بعد اُس بلا کی چمک کم ہو گئی ہے تو وہ اُسے اُس کپڑے سے یا چمڑے سے۔ تانے یا بانے سے پھاڑ کر نِکال پھینکے۔ 57 اور اگر وہ بلا پِھر بھی کپڑے کے تانے یا بانے میں یا چمڑے کی چِیز میں دِکھائی دے تو وہ پُھوٹ کر نِکل رہی ہے۔ پس تُو اُس چِیز کو جِس میں وہ بلا ہے آگ میں جلا دینا۔ 58 اور اگر اُس کپڑے کے تانے یا بانے میں سے یا چمڑے کی چِیز میں سے جِسے تُو نے دھویا ہے وہ بلا جاتی رہے تو وہ چِیز دوبارہ دھوئی جائے اور وہ پاک ٹھہرے گی۔
59 اُون یا کتان کے تانے یا بانے میں یا چمڑے کی کِسی چِیز میں اگر کوڑھ کی بلا ہو تو اُسے پاک یا ناپاک قرار دینے کے لِئے شرع یِہی ہے۔
جِلدی بیماریوں کے بعد پاک ٹھہرایا جانا
1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 2 کہ کوڑھی کے لِئے جِس دِن وہ پاک قرار دِیا جائے یہ شرع ہے کہ اُسے کاہِن کے پاس لے جائیں۔ 3 اور کاہِن لشکر گاہ کے باہر جائے اور کاہِن خُود کوڑھی کو مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ اُس کا کوڑھ اچھّا ہو گیا ہے۔ 4 تو کاہِن حُکم دے کہ وہ جو پاک قرار دِیا جانے کو ہے اُس کے لِئے دو زِندہ پاک پرِندے اور دیودار کی لکڑی اور سُرخ کپڑا اور زُوفا لیں۔ 5 اور کاہِن حُکم دے کہ اُن میں سے ایک پرِندہ کِسی مِٹّی کے برتن میں بہتے ہُوئے پانی کے اُوپر ذبح کِیا جائے۔ 6 پِھر وہ زِندہ پرِندہ کو اور دیودار کی لکڑی اور سُرخ کپڑے اور زُوفا کو لے اور اِن کو اور اُس زِندہ پرِندہ کو اُس پرِندہ کے خُون میں غوطہ دے جو بہتے پانی پر ذبح ہو چُکا ہے۔ 7 اور اُس شخص پر جو کوڑھ سے پاک قرار دِیا جانے کو ہے سات بار چِھڑک کر اُسے پاک قرار دے اور زِندہ پرِندہ کو کُھلے مَیدان میں چھوڑ دے۔ 8 اور وہ جو پاک قرار دِیا جائے گا اپنے کپڑے دھوئے اور سارے بال مُنڈائے اور پانی میں غُسل کرے۔ تب وہ پاک ٹھہرے گا۔ اِس کے بعد وہ لشکر گاہ میں آئے پر سات دِن تک اپنے خَیمہ کے باہر ہی رہے۔ 9 اور ساتویں روز اپنے سر کے سب بال اور اپنی داڑھی اور اپنے ابرُو غرض اپنے سارے بال مُنڈائے اور اپنے کپڑے دھوئے اور پانی میں نہائے تب وہ پاک ٹھہرے گا۔
10 اور وہ آٹھویں دِن دو بے عَیب نر برّے اور ایک بے عَیب یکسالہ مادہ برّہ اور نذر کی قُربانی کے لِئے ایفہ کے تِین دہائی حِصّہ کے برابر تیل مِلا ہُؤا مَیدہ اور لوج بھر تیل لے۔ 11 تب وہ کاہِن جو اُسے پاک قرار دے گا اُس شخص کو جو پاک قرار دِیا جائے گا اور اِن چِیزوں کو خُداوند کے حضُور خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر حاضِر کرے۔ 12 اور کاہِن نر برّوں میں سے ایک کو لے کر جُرم کی قُربانی کے لِئے اُسے اور اُس لوج بھر تیل کو نزدِیک لائے اور اُن کو ہلانے کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور ہلائے۔ 13 اور اُس برّہ کو مَقدِس میں اُس جگہ ذبح کرے جہاں خطا کی قُربانی اور سوختنی قُربانی کے جانور ذبح کِئے جاتے ہیں کیونکہ جُرم کی قُربانی خطا کی قُربانی کی طرح کاہِن کا حِصّہ ٹھہرے گی۔ وہ نِہایت مُقدّس ہے۔ 14 اور کاہِن جُرم کی قُربانی کا کُچھ خُون لے اور جو شخص پاک قرار دِیا جائے گا اُس کے دہنے کان کی لَو پر اور دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے پر اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر اُسے لگائے۔ 15 اور کاہِن اُس لوج بھر تیل میں سے کُچھ لے کر اپنے بائیں ہاتھ کی ہتھیلی میں ڈالے۔ 16 اور کاہِن اپنی دہنی اُنگلی کو اپنے بائیں ہاتھ کے تیل میں ڈبوئے اور خُداوند کے حضُور کُچھ تیل سات بار اپنی اُنگلی سے چِھڑکے۔ 17 اور کاہِن اپنے ہاتھ کے باقی تیل میں سے کُچھ لے اور جو شخص پاک قرار دِیا جائے گا اُس کے دہنے کان کی لَو پر اور اُس کے دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر جُرم کی قُربانی کے خُون کے اُوپر لگائے۔ 18 اور جو تیل کاہِن کے ہاتھ میں باقی بچے اُسے وہ اُس شخص کے سر میں ڈال دے جو پاک قرار دِیا جائے گا۔ یُوں کاہِن اُس کے لِئے خُداوند کے حضُور کفّارہ دے۔
19 اور کاہِن خطا کی قُربانی بھی گُذرانے اور اُس کے لِئے جو اپنی ناپاکی سے پاک قرار دِیا جائے گا کفّارہ دے۔ اِس کے بعد وہ سوختنی قُربانی کے جانور کو ذبح کرے۔ 20 پِھر کاہِن سوختنی قُربانی اور نذر کی قُربانی کو مذبح پر چڑھائے۔ یُوں کاہِن اُس کے لِئے کفّارہ دے تو وہ پاک ٹھہرے گا۔
21 اور اگر وہ غریب ہو اور اِتنا اُسے مقدُور نہ ہو تو وہ ہلانے کے واسطے جُرم کی قُربانی کے لِئے ایک نر برّہ لے تاکہ اُس کے لِئے کفّارہ دِیا جائے اور نذر کی قُربانی کے لِئے ایفہ کے دسویں حِصّہ کے برابر تیل مِلا ہُؤا مَیدہ اور لوج بھر تیل۔ 22 اور اپنے مقدُور کے مُطابِق دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے بھی لے جِن میں سے ایک تو خطا کی قُربانی کے لِئے اور دُوسرا سوختنی قُربانی کے لِئے ہو۔ 23 اِنہیں وہ آٹھویں دِن اپنے پاک قرار دِئے جانے کے لِئے کاہِن کے پاس خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے حضُور لائے۔ 24 اور کاہِن جُرم کی قُربانی کے برّہ کو اور اُس لوج بھر تیل کو لے کر اُن کو خُداوند کے حضُور ہلانے کی قُربانی کے طَور پر ہلائے۔ 25 پِھر کاہِن جُرم کی قُربانی کے برّہ کو ذبح کرے اور وہ جُرم کی قُربانی کا کُچھ خُون لے کر جو شخص پاک قرار دِیا جائے گا اُس کے دہنے کان کی لَو پر اور دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر اُسے لگائے۔ 26 پِھر کاہِن اُس تیل میں سے کُچھ اپنے بائیں ہاتھ کی ہتھیلی میں ڈالے۔ 27 اور وہ اپنے بائیں ہاتھ کے تیل میں سے کُچھ اپنی دہنی اُنگلی سے خُداوند کے حضُور سات بار چِھڑکے۔ 28 پِھر کاہِن کُچھ اپنے ہاتھ کے تیل میں سے لے اور جو شخص پاک قرار دِیا جائے گا اُس کے دہنے کان کی لَو پر اور اُس کے دہنے ہاتھ کے انگُوٹھے اور دہنے پاؤں کے انگُوٹھے پر جُرم کی قُربانی کے خُون کی جگہ اُسے لگائے۔ 29 اور جو تیل کاہِن کے ہاتھ میں باقی بچے وہ اُسے اُس شخص کے سر میں ڈال دے جو پاک قرار دِیا جائے گا تاکہ اُس کے لِئے خُداوند کے حضُور کفّارہ دِیا جائے۔ 30 پِھر وہ قُمریوں یا کبُوتر کے بچّوں میں سے جِنہیں وہ لا سکا ہو ایک کو چڑھائے۔ 31 یعنی جو کُچھ اُسے مُیسّر ہُؤا ہو اُس میں سے ایک کو خطا کی قُربانی کے طَور پر اور دُوسرے کو سوختنی قُربانی کے طَور پر نذر کی قُربانی کے ساتھ گُذرانے۔ یُوں کاہِن اُس شخص کے لِئے جو پاک قرار دِیا جائے گا خُداوند کے حضُور کفّارہ دے۔ 32 اُس کوڑھی کے لِئے جو اپنے پاک قرار دِئے جانے کے سامان کو لانے کا مقدُور نہ رکھتا ہو شرع یہ ہے۔
مکانوں اور گھروں کے اندر پھپھُوندی
33 پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ سے کہا کہ 34 جب تُم مُلکِ کنعاؔن میں جِسے مَیں تُمہاری مِلکِیّت کِئے دیتا ہُوں داخِل ہو اور مَیں تُمہارے مِیراثی مُلک کے کِسی گھر میں کوڑھ کی بلا بھیجُوں۔ 35 تو اُس گھر کا مالِک جا کر کاہِن کو خبر دے کہ مُجھے اَیسا معلُوم ہوتا ہے کہ اُس گھر میں کُچھ بلا سی ہے۔ 36 تب کاہِن حُکم کرے کہ اِس سے پیشتر کہ اُس بلا کو دیکھنے کے لِئے کاہِن وہاں جائے لوگ اُس گھر کو خالی کریں تاکہ جو کُچھ گھر میں ہو وہ ناپاک نہ ٹھہرایا جائے۔ اِس کے بعد کاہِن گھر دیکھنے کو اندر جائے۔ 37 اور اُس بلا کو مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ وہ بلا اُس گھر کی دِیواروں میں سبزی یا سُرخی مائل گہری لکیروں کی صُورت میں ہے اور دِیوار میں سطح کے اندر نظر آتی ہے۔ 38 تو کاہِن گھر سے باہر نِکل کر گھر کے دروازہ پر جائے اور گھر کو سات دِن کے لِئے بند کر دے۔ 39 اور وہ ساتویں دِن پِھر آ کر اُسے دیکھے۔ اگر وہ بلا گھر کی دِیواروں میں پَھیلی ہُوئی نظر آئے۔ 40 تو کاہِن حُکم دے کہ اُن پتّھروں کو جِن میں وہ بلا ہے نِکال کر اُنہیں شہر کے باہر کِسی ناپاک جگہ میں پھینک دیں۔ 41 پِھر وہ اُس گھر کو اندر ہی اندر چاروں طرف سے کُھرچوائے اور اُس کُھرچی ہُوئی مِٹّی کو شہر کے باہر کِسی ناپاک جگہ میں ڈالیں۔ 42 اور وہ اُن پتّھروں کی جگہ اَور پتّھر لے کر لگائیں اور کاہِن تازہ گارے سے اُس گھر کی استرکاری کرائے۔
43 اور اگر پتّھروں کے نِکالے جانے اور اُس گھر کے کُھرچے اور استرکاری کرائے جانے کے بعد بھی وہ بلا پِھر آ جائے اور اُس گھر میں پُھوٹ نِکلے۔ 44 تو کاہِن اندر جا کر مُلاحظہ کرے اور اگر دیکھے کہ وہ بلا گھر میں پَھیل گئی ہے تو اُس گھر میں کھا جانے والا کوڑھ ہے۔ وہ ناپاک ہے۔ 45 تب وہ اُس گھر کو اُس کے پتّھروں اور لکڑیوں اور اُس کی ساری مِٹّی کو گِرا دے اور وہ اُن کو شہر کے باہر نِکال کر کِسی ناپاک جگہ میں لے جائے۔ 46 ماسِوا اِس کے اگر کوئی اُس گھر کے بند کر دِئے جانے کے دِنوں میں اُس کے اندر داخِل ہو تو وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 47 اور جو کوئی اُس گھر میں سوئے وہ اپنے کپڑے دھو ڈالے اور جو کوئی اُس گھر میں کُچھ کھائے وہ بھی اپنے کپڑے دھوئے۔
48 اور اگر کاہِن اندر جا کر مُلاحظہ کرے اور دیکھے کہ گھر کی استرکاری کے بعد وہ بلا اُس گھر میں نہیں پَھیلی تو وہ اُس گھر کو پاک قرار دے کیونکہ وہ بلا دُور ہو گئی۔ 49 اور وہ اُس گھر کو پاک قرار دینے کے لِئے دو پرِندے اور دیودار کی لکڑی اور سُرخ کپڑا اور زُوفا لے۔ 50 اور وہ اُن پرِندوں میں سے ایک کو مِٹّی کے کِسی برتن میں بہتے ہُوئے پانی پر ذبح کرے۔ 51 پِھر وہ دیودار کی لکڑی اور زُوفا اور سُرخ کپڑے اور اُس زِندہ پرِندہ کو لے کر اُن کو اُس ذبح کِئے ہُوئے پرِندہ کے خُون میں اور اُس بہتے ہُوئے پانی میں غوطہ دے اور سات بار اُس گھر پر چِھڑکے۔ 52 اور وہ اُس پرِندے کے خُون سے اور بہتے ہُوئے پانی اور زِندہ پرِندہ اور دیودار کی لکڑی اور زُوفا اور سُرخ کپڑے سے اُس گھر کو پاک کرے۔ 53 اور اُس زِندہ پرِندہ کو شہر کے باہر کُھلے مَیدان میں چھوڑ دے۔ یُوں وہ گھر کے لِئے کفّارہ دے تو وہ پاک ٹھہرے گا۔
54 کوڑھ کی ہر قِسم کی بلا کے اور سعفہ کے لِئے۔ 55 اور کپڑے اور گھر کے کوڑھ کے لِئے۔ 56 اور ورم اور پپڑی اور چمکتے ہُوئے داغ کے لِئے شرع یہ ہے۔ 57 تاکہ بتایا جائے کہ کب وہ ناپاک اور کب پاک قرار دِئے جائیں۔ کوڑھ کے لِئے شرع یِہی ہے۔
جِسم سے خارج ہونے والے ناپاک مُواد
1 اور خُداوند نے مُوسیٰؔ اور ہارُونؔ سے کہا کہ 2 بنی اِسرائیل سے کہو کہ اگر کِسی شخص کو جریان کا مرض ہو تو وہ جریان کے سبب سے ناپاک ہے۔ 3 اور جریان کے سبب سے اُس کی ناپاکی یُوں ہو گی کہ خواہ دھات بہتی ہو یا دھات کا بہنا مَوقُوف ہو گیا ہو وہ ناپاک ہے۔ 4 جِس بِستر پر جریان کا مرِیض سوئے وہ بِستر ناپاک ہو گا اور جِس چِیز پر وہ بَیٹھے وہ چِیز ناپاک ہو گی۔ 5 اور جو کوئی اُس کے بِستر کو چُھوئے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے۔ 6 اور جو کوئی اُس چِیز پر بَیٹھے جِس پر جریان کا مرِیض بَیٹھا ہو وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے۔ 7 اور جو کوئی جریان کے مرِیض کے جِسم کو چُھوئے وہ بھی اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے۔ 8 اور اگر جریان کا مرِیض کِسی شخص پر جو پاک ہے تُھوک دے تو وہ شخص اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے۔ 9 اور جِس زِین پر جریان کا مرِیض سوار ہو وہ زِین ناپاک ہو گا۔ 10 اور جو کوئی کِسی چِیز کو جو اُس مرِیض کے نِیچے رہی ہو چُھوئے وہ شام تک ناپاک رہے اور جو کوئی اُن چِیزوں کو اُٹھائے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے۔ 11 اور جِس شخص کو جریان کا مرِیض بغَیر ہاتھ دھوئے چُھوئے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے۔ 12 اور مِٹّی کے جِس برتن کو جریان کا مرِیض چُھوئے وہ توڑ ڈالا جائے پر چوبی برتن پانی سے دھویا جائے۔
13 اور جب جریان کے مرِیض کو شِفا ہو جائے تو وہ اپنے پاک ٹھہرنے کے لِئے سات دِن گِنے۔ اِس کے بعد وہ اپنے کپڑے دھوئے اور بہتے ہُوئے پانی میں نہائے تب وہ پاک ہو گا۔ 14 اور آٹھویں دِن دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے لے کر وہ خُداوند کے حضُور خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر جائے اور اُن کو کاہِن کے حوالہ کرے۔ 15 اور کاہِن ایک کو خطا کی قُربانی کے لِئے اور دُوسرے کو سوختنی قُربانی کے لِئے گُذرانے۔ یُوں کاہِن اُس کے لِئے اُس کے جریان کے سبب سے خُداوند کے حضُور کفّارہ دے۔
16 اور اگر کِسی مَرد کی دھات بہتی ہو تو وہ پانی میں نہائے اور شام تک ناپاک رہے۔ 17 اور جِس کپڑے یا چمڑے پر نُطفہ لگ جائے وہ کپڑا یا چمڑا پانی سے دھویا جائے اور شام تک ناپاک رہے۔ 18 اور وہ عَورت بھی جِس کے ساتھ مَرد صُحبت کرے اور مُنزِل ہو تو وہ دونوں پانی سے غُسل کریں اور شام تک ناپاک رہیں۔
19 اور اگر کِسی عَورت کو اَیسا جریان ہو کہ اُسے حَیض کا خُون آئے تو وہ سات دِن تک ناپاک رہے گی اور جو کوئی اُسے چُھوئے وہ شام تک ناپاک رہے گا۔ 20 اور جِس چِیز پر وہ اپنی ناپاکی کی حالت میں سوئے وہ چِیز ناپاک ہو گی اور جِس چِیز پر بَیٹھے وہ بھی ناپاک ہو جائے گی۔ 21 اور جو کوئی اُس کے بِستر کو چُھوئے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے۔ 22 اور جو کوئی اُس چِیز کو جِس پر وہ بَیٹھی ہو چُھوئے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے نہائے اور شام تک ناپاک رہے۔ 23 اور اگر اُس کا خُون اُس کے بِستر پر یا جِس چِیز پر وہ بَیٹھی ہو اُس پر لگا ہُؤا ہو اور اُس وقت کوئی اُس چِیز کو چُھوئے تو وہ شام تک ناپاک رہے۔ 24 اور اگر مَرد اُس کے ساتھ صُحبت کرے اور اُس کے حَیض کا خُون اُسے لگ جائے تو وہ سات دِن تک ناپاک رہے گا اور ہر ایک بِستر جِس پر وہ مَرد سوئے گا ناپاک ہو گا۔
25 اور اگر کِسی عَورت کو ایّامِ حَیض کو چھوڑ کر یُوں بُہت دِنوں تک خُون آئے یا حَیض کی مُدّت گُذر جانے پر بھی خُون جاری رہے تو جب تک اُس کو یہ مَیلا خُون آتا رہے گا تب تک وہ اَیسی ہی رہے گی جَیسی حَیض کے دِنوں میں رہتی ہے۔ وہ ناپاک ہے۔ 26 اور اِس جریانِ خُون کے کُل ایّام میں جِس جِس بِستر پر وہ سوئے گی وہ حَیض کے بِستر کی طرح ناپاک ہو گا اور جِس جِس چِیز پر وہ بَیٹھے گی وہ چِیز حَیض کی نجاست کی طرح ناپاک ہو گی۔ 27 اور جو کوئی اُن چِیزوں کو چُھوئے وہ ناپاک ہو گا۔ وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے۔ 28 اور جب وہ اپنے جریان سے شِفا پا جائے تو سات دِن گِنے۔ تب اِس کے بعد وہ پاک ٹھہرے گی۔ 29 اور آٹھویں دِن وہ دو قُمریاں یا کبُوتر کے دو بچّے لے کر اُن کو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر کاہِن کے پاس لائے۔ 30 اور کاہِن ایک کو خطا کی قُربانی کے لِئے اور دُوسرے کو سوختنی قُربانی کے لِئے گُذرانے۔ یُوں کاہِن اُس کے ناپاک خُون کے جریان کے لِئے خُداوند کے حضُور اُس کی طرف سے کفّارہ دے۔
31 اِس طرِیق سے تُم بنی اِسرائیل کو اُن کی نجاست سے الگ رکھنا تاکہ وہ میرے مَقدِس کو جو اُن کے درمِیان ہے ناپاک کرنے کی وجہ سے اپنی نجاست میں ہلاک نہ ہوں۔
32 اُس کے لِئے جِسے جریان کا مرض ہو اور اُس کے لِئے جِس کی دھات بہتی ہو اور وہ اُس کے باعِث ناپاک ہو جائے۔ 33 اور اُس کے لِئے جو حَیض سے ہو اور اُس مَرد اور عَورت کے لِئے جِن کو جریان کا مرض ہو اور اُس مَرد کے لِئے جو ناپاک عَورت کے ساتھ صُحبت کرے شرع یِہی ہے۔
یومِ کفّارہ
1 اور ہارُونؔ کے دو بیٹوں کی وفات کے بعد جب وہ خُداوند کے نزدِیک آئے اور مَر گئے۔ 2 خُداوند مُوسیٰؔ سے ہم کلام ہُؤا اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا اپنے بھائی ہارُونؔ سے کہہ کہ وہ ہر وقت پردہ کے اندر کے پاکترین مقام میں سرپوش کے پاس جو صندُوق کے اُوپر ہے نہ آیا کرے تاکہ وہ مَر نہ جائے کیونکہ مَیں سرپوش پر ابر میں دِکھائی دُوں گا۔ 3 اور ہارُونؔ پاکترین مقام میں اِس طرح آئے کہ خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بچھڑا اور سوختنی قُربانی کے لِئے ایک مینڈھا لائے۔
4 اور وہ کتان کا مُقدّس کُرتہ پہنے اور اُس کے تن پر کتان کا پاجامہ ہو اور کتان کے کمربند سے اُس کی کمر کَسی ہُوئی ہو اور کتان ہی کا عمامہ اُس کے سر پر بندھا ہو۔ یہ مُقدّس لِباس ہیں اور وہ اِن کو پانی سے نہا کر پہنے۔
5 اور بنی اِسرائیل کی جماعت سے خطا کی قُربانی کے لِئے دو بکرے اور سوختنی قُربانی کے لِئے ایک مینڈھا لے۔ 6 اور ہارُونؔ خطا کی قُربانی کے بچھڑے کو جو اُس کی طرف سے ہے گُذران کر اپنے اور اپنے گھر کے لِئے کفّارہ دے۔ 7 پِھر اُن دونوں بکروں کو لے کر اُن کو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے حضُور کھڑا کرے۔ 8 اور ہارُونؔ اُن دونوں بکروں پر چِٹھّیاں ڈالے۔ ایک چِٹّھّی خُداوند کے لِئے اور دُوسری عزازیلؔ کے لِئے ہو۔ 9 اور جِس بکرے پر خُداوند کے نام کی چِٹھّی نِکلے اُسے ہارُونؔ لے کر خطا کی قُربانی کے لِئے چڑھائے۔ 10 لیکن جِس بکرے پر عزازیلؔ کے نام کی چِٹھّی نِکلے وہ خُداوند کے حضُور زِندہ کھڑا کِیا جائے تاکہ اُس سے کفّارہ دِیا جائے اور وہ عزازیلؔ کے لِئے بیابان میں چھوڑ دِیا جائے۔
11 اور ہارُونؔ خطا کی قُربانی کے بچھڑے کو جو اُس کی طرف سے ہے آگے لا کر اپنے اور اپنے گھر کے لِئے کفّارہ دے اور اُس بچھڑے کو جو اُس کی طرف سے خطا کی قُربانی کے لِئے ہے ذبح کرے۔ 12 اور وہ ایک بخُور دان کو لے جِس میں خُداوند کے مذبح پر کی آگ کے انگارے بھرے ہوں اور اپنی مُٹھیاں بارِیک خُوشبُودار بخُور سے بھر لے اور اُسے پردہ کے اندر لائے۔ 13 اور اُس بخُور کو خُداوند کے حضُور آگ میں ڈالے تاکہ بخُور کا دُھواں سرپوش کو جو شہادت کے صندُوق کے اُوپر ہے چِھپا لے کہ وہ ہلاک نہ ہو۔ 14 پِھر وہ اُس بچھڑے کا کُچھ خُون لے کر اُسے اپنی اُنگلی سے مشرِق کی طرف سرپوش کے اُوپر چِھڑکے اور سرپوش کے آگے بھی کُچھ خُون اپنی اُنگلی سے سات بار چِھڑکے۔
15 پِھر وہ خطا کی قُربانی کے اُس بکرے کو ذبح کرے جو جماعت کی طرف سے ہے اور اُس کے خُون کو پردہ کے اندر لا کر جو کُچھ اُس نے بچھڑے کے خُون سے کِیا تھا وُہی اِس سے بھی کرے اور اُسے سرپوش کے اُوپر اور اُس کے سامنے چِھڑکے۔ 16 اور بنی اِسرائیل کی ساری نجاستوں اور گُناہوں اور خطاؤں کے سبب سے پاکترین مقام کے لِئے کفّارہ دے اور اَیسا ہی وہ خَیمۂِ اِجتماع کے لِئے بھی کرے جو اُن کے ساتھ اُن کی نجاستوں کے درمِیان رہتا ہے۔ 17 اور جب وہ کفّارہ دینے کو پاکترین مقام کے اندر جائے تو جب تک وہ اپنے اور اپنے گھرانے اور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت کے لِئے کفّارہ دے کر باہر نہ آ جائے اُس وقت تک کوئی آدمی خَیمۂِ اِجتماع کے اندر نہ رہے۔ 18 پِھر وہ نِکل کر اُس مذبح کے پاس جو خُداوند کے حضُور ہے جائے اور اُس کے لِئے کفّارہ دے اور اُس بچھڑے اور بکرے کا تھوڑا تھوڑا سا خُون لے کر مذبح کے سِینگوں پر گِرداگِرد لگائے۔
گُناہ اُٹھا لے جانے والا بکرا
19 اور کُچھ خُون اُس کے اُوپر سات بار اپنی اُنگلی سے چِھڑکے اور اُسے بنی اِسرائیل کی نجاستوں سے پاک اور مُقدّس کرے۔ 20 اور جب وہ پاکترین مقام اور خیمۂِ اِجتماع اور مذبح کے لِئے کفّارہ دے چُکے تو اُس زِندہ بکرے کو آگے لائے۔ 21 اور ہارُونؔ اپنے دونوں ہاتھ اُس زِندہ بکرے کے سر پر رکھ کر اُس کے اُوپر بنی اِسرائیل کی سب بدکارِیوں اور اُن کے سب گُناہوں اور خطاؤں کا اِقرار کرے اور اُن کو اُس بکرے کے سر پر دھر کر اُسے کِسی شخص کے ہاتھ جو اِس کام کے لِئے تیّار ہو بیابان میں بھجوا دے۔
22 اور وہ بکرا اُن کی سب بدکارِیاں اپنے اُوپر لادے ہُوئے کِسی وِیرانہ میں لے جائے گا۔ سو وہ اُس بکرے کو بیابان میں چھوڑ دے۔ 23 پِھر ہارُونؔ خَیمۂِ اِجتماع میں آ کر کتان کے سارے لِباس کو جِسے اُس نے پاکترین مقام میں جاتے وقت پہنا تھا اُتارے اور اُس کو وہِیں رہنے دے۔ 24 پِھر وہ اِسی پاک جگہ میں پانی سے غُسل کر کے اپنے کپڑے پہن لے اور باہر آ کر اپنی سوختنی قُربانی اور جماعت کی سوختنی قُربانی گُذرانے اور اپنے لِئے اور جماعت کے لِئے کفّارہ دے۔ 25 اور خطا کی قُربانی کی چربی کو مذبح پر جلائے۔ 26 اور جو آدمی بکرے کو عزازیلؔ کے لِئے چھوڑ کر آئے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے نہائے۔ اِس کے بعد وہ لشکر گاہ میں داخِل ہو۔ 27 اور خطا کی قُربانی کے بچھڑے کو اور خطا کی قُربانی کے بکرے کو جِن کا خُون پاکترین مقام میں کفّارہ کے لِئے پُہنچایا جائے اُن کو وہ لشکر گاہ سے باہر لے جائیں اور اُن کی کھال اور گوشت اور فُضلات کو آگ میں جلا دیں۔ 28 اور جو اُن کو جلائے وہ اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے۔ اِس کے بعد وہ لشکر گاہ میں داخِل ہو۔
یومِ کفّارہ کَیسے منایا جائے
29 اور یہ تُمہارے لِئے ایک دائِمی قانُون ہو کہ ساتویں مہِینے کی دسوِیں تارِیخ کو تُم اپنی اپنی جان کو دُکھ دینا اور اُس دِن کوئی خواہ وہ دیسی ہو یا پردیسی جو تُمہارے بِیچ بُود و باش رکھتا ہو کِسی طرح کا کام نہ کرے۔ 30 کیونکہ اُس روز تُمہارے واسطے تُم کو پاک کرنے کے لِئے کفّارہ دِیا جائے گا۔ سو تُم اپنے سب گُناہوں سے خُداوند کے حضُور پاک ٹھہرو گے۔ 31 یہ تُمہارے لِئے خاص آرام کا سبت ہو گا۔ تُم اُس دِن اپنی اپنی جان کو دُکھ دینا۔ یہ دائِمی قانون ہے۔ 32 اور جو اپنے باپ کی جگہ کاہِن ہونے کے لِئے مَسح اور مخصُوص کِیا جائے وہ کاہِن کفّارہ دِیا کرے یعنی کتان کے مُقدّس لِباس کو پہن کر۔ 33 وہ مَقدِس کے لِئے کفّارہ دے اور خَیمۂِ اِجتماع اور مذبح کے لِئے کفّارہ دے اور کاہِنوں اور جماعت کے سب لوگوں کے لِئے کفّارہ دے۔ 34 سو یہ تُمہارے لِئے ایک دائِمی قانُون ہو کہ تُم بنی اِسرائیل کے واسطے سال میں ایک دفعہ اُن کے سب گُناہوں کا کفّارہ دو۔
اور اُس نے جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم دِیا تھا وَیسا ہی کِیا۔
خُون کا تقدّس
1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 2 ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں سے اور سب بنی اِسرائیل سے کہہ کہ خُداوند نے یہ حُکم دِیا ہے کہ 3 اِسرائیلؔ کے گھرانے کا جو کوئی شخص بَیل یا برّہ یا بکرے کو خواہ لشکر گاہ میں یا لشکر گاہ کے باہر ذبح کر کے۔ 4 اُسے خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے مسکن کے آگے خُداوند کے حضُور چڑھانے کو نہ لے جائے اُس شخص پر خُون کا اِلزام ہو گا کہ اُس نے خُون کِیا ہے اور وہ شخص اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے۔ 5 اِس سے مقصُود یہ ہے کہ بنی اِسرائیل اپنی قُربانِیاں جِن کو وہ کُھلے مَیدان میں ذبح کرتے ہیں اُنہیں خُداوند کے حضُور خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر کاہِن کے پاس لائیں اور اُن کو خُداوند کے حضُور سلامتی کے ذبِیحوں کے طَور پر گُذرانیں۔ 6 اور کاہِن اُس خُون کو خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے مذبح کے اُوپر چِھڑکے اور چربی کو جلائے تاکہ خُداوند کے لِئے راحت انگیز خُوشبُو ہو۔ 7 اور آیندہ کبھی وہ اُن بکروں کے لِئے جِن کے پَیرو ہو کر وہ زِنا کار ٹھہرے ہیں اپنی قُربانِیاں نہ گُذرانیں۔ اُن کے لِئے نسل در نسل یہ دائِمی قانُون ہو گا۔
8 سو تُو اُن سے کہہ دے کہ اِسرائیلؔ کے گھرانے کا یا اُن پردیسیوں میں سے جو اُن میں بُود و باش کرتے ہیں جو کوئی سوختنی قُربانی یا کوئی ذبِیحہ گُذران کر۔ 9 اُسے خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے حضُور چڑھانے کو نہ لائے وہ اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے۔
10 اور اِسرائیلؔ کے گھرانے کا یا اُن پردیسیوں میں سے جو اُن میں بُود و باش کرتے ہیں جو کوئی کِسی طرح کا خُون کھائے مَیں اُس خُون کھانے والے کے خِلاف ہُوں گا اور اُسے اُس کے لوگوں میں سے کاٹ ڈالُوں گا۔ 11 کیونکہ جِسم کی جان خُون میں ہے اور مَیں نے مذبح پر تُمہاری جانوں کے کفّارہ کے لِئے اُسے تُم کو دِیا ہے کہ اُس سے تُمہاری جانوں کے لِئے کفّارہ ہو کیونکہ جان رکھنے ہی کے سبب سے خُون کفّارہ دیتا ہے۔ 12 اِسی لِئے مَیں نے بنی اِسرائیل سے کہا ہے کہ تُم میں سے کوئی شخص خُون کبھی نہ کھائے اور نہ کوئی پردیسی جو تُم میں بُود و باش کرتا ہو کبھی خُون کو کھائے۔
13 اور بنی اِسرائیل میں سے یا اُن پردیسیوں میں سے جو اُن میں بُود و باش کرتے ہیں جو کوئی شِکار میں اَیسے جانور یا پرِندہ کو پکڑے جِس کو کھانا ٹھیک ہے تو وہ اُس کے خُون کو نِکال کر اُسے مِٹّی سے ڈھانک دے۔ 14 کیونکہ جِسم کی جان جو ہے وہ اُس کا خُون ہے جو اُس کی جان کے ساتھ ایک ہے۔ اِسی لِئے مَیں نے بنی اِسرائیل کو حُکم کِیا ہے کہ تُم کِسی قِسم کے جانور کا خُون نہ کھانا کیونکہ ہر جانور کی جان اُس کا خُون ہی ہے۔ جو کوئی اُسے کھائے وہ کاٹ ڈالا جائے گا۔
15 اور جو شخص مُردار کو یا درِندہ کے پھاڑے ہُوئے جانور کو کھائے وہ خواہ دیسی ہو یا پردیسی اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے تب وہ پاک ہو گا۔ 16 لیکن اگر وہ اُن کو نہ دھوئے اور نہ غُسل کرے تو اُس کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا۔
ممنُوعہ جِنسی افعال
1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 2 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔ 3 تُم مُلکِ مِصرؔ کے سے کام جِس میں تُم رہتے تھے نہ کرنا اور مُلکِ کنعاؔن کے سے کام بھی جہاں مَیں تُمہیں لِئے جاتا ہُوں نہ کرنا اور نہ اُن کی رسموں پر چلنا۔ 4 تُم میرے حُکموں پر عمل کرنا اور میرے آئِین کو مان کر اُن پر چلنا۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔ 5 سو تُم میرے آئِین اور احکام ماننا جِن پر اگر کوئی عمل کرے تو وہ اُن ہی کی بدَولت جِیتا رہے گا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
6 تُم میں سے کوئی اپنی کِسی قرِیبی رِشتہ دار کے پاس اُس کے بدن کو بے پردہ کرنے کے لِئے نہ جائے۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ 7 تُو اپنی ماں کے بدن کو جو تیرے باپ کا بدن ہے بے پردہ نہ کرنا کیونکہ وہ تیری ماں ہے۔ تُو اُس کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا۔ 8 تُو اپنے باپ کی بِیوی کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا کیونکہ وہ تیرے باپ کا بدن ہے۔ 9 تُو اپنی بہن کے بدن کو چاہے وہ تیرے باپ کی بیٹی ہو چاہے تیری ماں کی اور خواہ وہ گھر میں پَیدا ہُوئی ہو خواہ اَور کہِیں بے پردہ نہ کرنا۔ 10 تُو اپنی پوتی یا نواسی کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا کیونکہ اُن کا بدن تو تیرا ہی بدن ہے۔ 11 تیرے باپ کی بِیوی کی بیٹی جو تیرے باپ سے پَیدا ہُوئی ہے تیری بہن ہے۔ تو اُس کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا۔ 12 تُو اپنی پُھوپھی کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا کیونکہ وہ تیرے باپ کی قریبی رِشتہ دار ہے۔ 13 تُو اپنی خالہ کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا کیونکہ وہ تیری ماں کی قریبی رِشتہ دار ہے۔ 14 تُو اپنے باپ کے بھائی کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا یعنی اُس کی بِیوی کے پاس نہ جانا۔ وہ تیری چچی ہے۔ 15 تُو اپنی بہُو کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا کیونکہ وہ تیرے بیٹے کی بِیوی ہے۔ سو تُو اُس کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا۔ 16 تُو اپنی بھاوج کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا کیونکہ وہ تیرے بھائی کا بدن ہے۔ 17 تُو کِسی عَورت اور اُس کی بیٹی دونوں کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا اور نہ تو اُس عَورت کی پوتی یا نواسی سے بیاہ کر کے اُن میں سے کِسی کے بدن کو بے پردہ کرنا کیونکہ وہ دونوں اُس عَورت کی قرِیبی رِشتہ دار ہیں۔ یہ بڑی خباثت ہے۔ 18 تُو اپنی سالی سے بیاہ کر کے اُسے اپنی بِیوی کی سَوکن نہ بنانا کہ دُوسری کے جِیتے جی اِس کے بدن کو بھی بے پردہ کرے۔
19 اور تُو عَورت کے پاس جب تک وہ حَیض کے سبب سے ناپاک ہے اُس کے بدن کو بے پردہ کرنے کے لِئے نہ جانا۔ 20 اور تُو اپنے کو نجِس کرنے کے لِئے اپنے ہمسایہ کی بِیوی سے صُحبت نہ کرنا۔ 21 تُو اپنی اَولاد میں سے کِسی کو موؔلک کی خاطِر آگ میں سے گُذارنے کے لِئے نہ دینا اور نہ اپنے خُدا کے نام کو ناپاک ٹھہرانا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ 22 تُو مَرد کے ساتھ صُحبت نہ کرنا جَیسے عَورت سے کرتا ہے۔ یہ نِہایت مکروہ کام ہے۔ 23 تُو اپنے کو نجِس کرنے کے لِئے کِسی جانور سے صُحبت نہ کرنا اور نہ کوئی عَورت کِسی جانور سے ہم صُحبت ہونے کے لِئے اُس کے آگے کھڑی ہو کیونکہ یہ اَوندھی بات ہے۔
24 تُم اِن کاموں میں سے کِسی میں پھنس کر آلُودہ نہ ہو جانا کیونکہ جِن قَوموں کو مَیں تُمہارے آگے سے نِکالتا ہُوں وہ اِن سب کاموں کے سبب سے آلُودہ ہیں۔ 25 اور اُن کا مُلک بھی آلُودہ ہو گیا ہے۔ اِس لِئے میں اُس کی بدکاری کی سزا اُسے دیتا ہُوں اَیسا کہ وہ اپنے باشندوں کو اُگلے دیتا ہے۔ 26 لِہٰذا تُم میرے آئِین اور احکام کو ماننا اور تُم میں سے کوئی خواہ وہ دیسی ہو یا پردیسی جو تُم میں بُود و باش رکھتا ہو اِن مکرُوہات میں سے کِسی کام کو نہ کرے۔ 27 کیونکہ اُس مُلک کے باشندوں نے جو تُم سے پہلے تھے یہ سب مکرُوہ کام کِئے ہیں اور مُلک آلُودہ ہو گیا ہے۔ 28 سو اَیسا نہ ہو کہ جِس طرح اُس مُلک نے اُس قَوم کو جو تُم سے پہلے وہاں تھی اُگل دِیا اُسی طرح تُم کو بھی جب تُم اُسے آلُودہ کرو تو اُگل دے۔ 29 کیونکہ جو اِن مکرُوہ کاموں میں سے کِسی کو کرے گا وہ اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے گا۔
30 اِس لِئے میری شرِیعت کو ماننا اور یہ مکرُوہ رسمیں جو تُم سے پہلے ادا کی جاتی تِھیں اِن میں سے کِسی کو عمل میں نہ لانا اور اِن میں پھنس کر آلُودہ نہ ہو جانا۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔
پاکِیزگی اور عَدل و اِنصاف کے قوانِین
1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 2 بنی اِسرائیل کی ساری جماعت سے کہہ کہ تُم پاک رہو کیونکہ مَیں جو خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں پاک ہُوں۔ 3 تُم میں سے ہر ایک اپنی ماں اور اپنے باپ سے ڈرتا رہے اور تُم میرے سبتوں کو ماننا۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔
4 تُم بُتوں کی طرف رُجوع نہ ہونا اور نہ اپنے لِئے ڈھالے ہُوئے دیوتا بنانا۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔
5 اور جب تُم خُداوند کے حضُور سلامتی کے ذبِیحے گُذرانو تو اُن کو اِس طرح گُذراننا کہ تُم مقبُول ہو۔ 6 اور جِس دِن اُسے گُذرانو اُس دِن اور دُوسرے دِن وہ کھایا جائے اور اگر تِیسرے دِن تک کُچھ بچا رہ جائے تو وہ آگ میں جلا دِیا جائے۔ 7 اور اگر وہ ذرا بھی تِیسرے دِن کھایا جائے تو مکرُوہ ٹھہرے گا اور مقبُول نہ ہو گا۔ 8 بلکہ جو کوئی اُسے کھائے اُس کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا کیونکہ اُس نے خُداوند کی پاک چِیز کو نجِس کِیا۔ سو وہ شخص اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے گا۔
9 اور جب تُم اپنی زمِین کی پَیداوار کی فصل کاٹو تو تُو اپنے کھیت کے کونے کونے تک پُورا پُورا نہ کاٹنا اور نہ کٹائی کی گِری پڑی بالوں کو چُن لینا۔ 10 اور تُو اپنے انگورِستان کا دانہ دانہ نہ توڑ لینا اور نہ اپنے انگورِستان کے گِرے ہُوئے دانوں کو جمع کرنا۔ اُن کو غریبوں اور مُسافِروں کے لِئے چھوڑ دینا۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔
11 تُم چوری نہ کرنا اور نہ دغا دینا اور نہ ایک دُوسرے سے جُھوٹ بولنا۔ 12 اور تُم میرا نام لے کر جُھوٹی قَسم نہ کھانا جِس سے تُو اپنے خُدا کے نام کو ناپاک ٹھہرائے۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
13 تُو اپنے پڑوسی پر ظُلم نہ کرنا نہ اُسے لُوٹنا۔ مزدُور کی مزدُوری تیرے پاس ساری رات صُبح تک رہنے نہ پائے۔ 14 تُو بہرے کو نہ کوسنا اور نہ اندھے کے آگے ٹھوکر کھلانے کی چِیز کو دھرنا بلکہ اپنے خُدا سے ڈرنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
15 تُم فَیصلہ میں ناراستی نہ کرنا۔ نہ تو تُو غریب کی رِعایت کرنا اور نہ بڑے آدمی کا لحاظ بلکہ راستی کے ساتھ اپنے ہمسایہ کا اِنصاف کرنا۔ 16 تُو اپنی قَوم میں اِدھر اُدھر لُتراپن نہ کرتے پِھرنا اور نہ اپنے ہمسایہ کا خُون کرنے پر آمادہ ہونا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
17 تُو اپنے دِل میں اپنے بھائی سے بُغض نہ رکھنا اور اپنے ہمسایہ کو ضرُور ڈانٹتے بھی رہنا تاکہ اُس کے سبب سے تیرے سر گُناہ نہ لگے۔ 18 تُو اِنتقام نہ لینا اور نہ اپنی قَوم کی نسل سے کِینہ رکھنا بلکہ اپنے ہمسایہ سے اپنی مانِند مُحبّت کرنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
19 تُم میری شرِیعتوں کو ماننا۔ تُو اپنے چَوپایوں کو غَیر جِنس سے بھروانے نہ دینا اور اپنے کھیت میں دو قِسم کے بِیج ایک ساتھ نہ بونا اور نہ تُجھ پر دو قِسم کے مِلے جُلے تار کا کپڑا ہو۔
20 اگر کوئی اَیسی عَورت سے صُحبت کرے جو لَونڈی اور کِسی شخص کی منگیتر ہو اور نہ تو اُس کا فِدیہ ہی دِیا گیا ہو اور نہ وہ آزاد کی گئی ہو تو اُن دونوں کو سزا مِلے لیکن وہ جان سے مارے نہ جائیں۔ اِس لِئے کہ وہ عَورت آزاد نہ تھی۔ 21 اور وہ آدمی اپنے جُرم کی قُربانی کے لِئے خَیمۂِ اِجتماع کے دروازہ پر خُداوند کے حضُور ایک مینڈھا لائے کہ وہ اُس کے جُرم کی قُربانی ہو۔ 22 اور کاہِن اُس کے جُرم کی قُربانی کے مینڈھے سے اُس کے لِئے خُداوند کے حضُور کفّارہ دے۔ تب جو خطا اُس نے کی ہے وہ اُسے مُعاف کی جائے گی۔
23 اور جب تُم اُس مُلک میں پُہنچ کر قِسم قِسم کے پَھل کے درخت لگاؤ تو تُم اُن کے پَھل کو گویا نامختُون سمجھنا۔ وہ تُمہارے لِئے تِین برس تک نامختُون کے برابر ہوں اور کھائے نہ جائیں۔ 24 اور چَوتھے سال اُن کا سارا پَھل خُداوند کی تمجِید کرنے کے لِئے مُقدّس ہو گا۔ 25 تب پانچویں سال سے اُن کا پَھل کھانا تاکہ وہ تُمہارے لِئے اِفراط کے ساتھ پَیدا ہو۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔
26 تُم کِسی چِیز کو خُون سمیت نہ کھانا اور نہ جادُو منتر کرنا نہ شگُون نِکالنا۔ 27 تُم اپنے اپنے سر کے گوشوں کو بال کاٹ کر گول نہ بنانا اور نہ تُو اپنی داڑھی کے کونوں کو بِگاڑنا۔ 28 تُم مُردوں کے سبب سے اپنے جِسم کو زخمی نہ کرنا اور نہ اپنے اُوپر کُچھ گُدوانا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
29 تُو اپنی بیٹی کو کسبی بنا کر ناپاک نہ ہونے دینا تا اَیسا نہ ہو کہ مُلک میں رنڈی بازی پَھیل جائے اور سارا مُلک بدکاری سے بھر جائے۔ 30 تُم میرے سبتوں کو ماننا اور میرے مَقدِس کی تعظِیم کرنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
31 جو جِنّات کے یار ہیں اور جو جادُوگر ہیں تُم اُن کے پاس نہ جانا اور نہ اُن کے طالِب ہونا کہ وہ تُم کو نجِس بنا دیں۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔
32 جِن کے سر کے بال سفید ہیں تُو اُن کے سامنے اُٹھ کھڑے ہونا اور بڑے بُوڑھے کا ادب کرنا اور اپنے خُدا سے ڈرنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
33 اور اگر کوئی پردیسی تیرے ساتھ تُمہارے مُلک میں بُود و باش کرتا ہو تو تُم اُسے آزار نہ پُہنچانا۔ 34 بلکہ جو پردیسی تُمہارے ساتھ رہتا ہو اُسے دیسی کی مانِند سمجھنا بلکہ تُو اُس سے اپنی مانِند مُحبّت کرنا اِس لِئے کہ تُم مُلکِ مِصرؔ میں پردیسی تھے مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔
35 تُم اِنصاف اور پَیمایش اور وزن اور پَیمانہ میں ناراستی نہ کرنا۔ 36 ٹھیک ترازُو۔ ٹھیک باٹ۔ پُورا اَیفہ اور پُورا ہِین رکھنا۔ جو تُم کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال کر لایا مَیں ہی ہُوں خُداوند تُمہارا خُدا۔ 37 سو تُم میرے سب آئِین اور سب احکام ماننا اور اُن پر عمل کرنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
نافرمانی کی سزائیں
1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 2 تُو بنی اِسرائیل سے یہ بھی کہہ دے کہ بنی اِسرائیل میں سے یا اُن پردیسیوں میں سے جو اِسرائیلِیوں کے درمِیان بُود و باش کرتے ہیں جو کوئی شخص اپنی اَولاد میں سے کِسی کو مولک کی نذر کرے وہ ضرُور جان سے مارا جائے۔ اہلِ مُلک اُسے سنگسار کریں۔ 3 اور مَیں بھی اُس شخص کا مُخالِف ہُوں گا اور اُسے اُس کے لوگوں میں سے کاٹ ڈالُوں گا۔ اِس لِئے کہ اُس نے اپنی اَولاد کو مولک کی نذر کر کے میرے مَقدِس اور میرے پاک نام کو ناپاک ٹھہرایا۔ 4 اور اگر اُس وقت جب وہ اپنی اَولاد میں سے کِسی کو مولک کی نذر کرے اہلِ مُلک اُس شخص کی طرف سے چشم پوشی کر کے اُسے جان سے نہ ماریں۔ 5 تو مَیں خُود اُس شخص کا اور اُس کے گھرانے کا مُخالِف ہو کر اُس کو اور اُن سبھوں کو جو اُس کی پَیروی میں زِنا کار بنیں اور مولک کے ساتھ زِنا کریں اُن کی قَوم میں سے کاٹ ڈالُوں گا۔
6 اور جو شخص جِنّات کے یاروں اور جادُوگروں کے پاس جائے کہ اُن کی پَیروی میں زِنا کرے مَیں اُس کا مُخالِف ہُوں گا اور اُسے اُس کی قَوم میں سے کاٹ ڈالُوں گا۔ 7 اِس لِئے تُم اپنے آپ کو مُقدّس کرو اور پاک رہو۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔ 8 اور تُم میرے آئِین کو ماننا اور اُس پر عمل کرنا۔ مَیں خُداوند ہُوں جو تُم کو مُقدّس کرتا ہُوں۔
9 اور جو کوئی اپنے باپ یا اپنی ماں پر لَعنت کرے وہ ضرُور جان سے مارا جائے۔ اُس نے اپنے باپ یا ماں پر لَعنت کی ہے۔ سو اُس کا خُون اُسی کی گردن پر ہو گا۔
10 اور جو شخص دُوسرے کی بِیوی سے یعنی اپنے ہمسایہ کی بِیوی سے زِنا کرے وہ زانی اور زانِیہ دونوں ضرُور جان سے مار دِئے جائیں۔ 11 اور جو شخص اپنی سَوتیلی ماں سے صُحبت کرے اُس نے اپنے باپ کے بدن کو بے پردہ کِیا۔ وہ دونوں ضرُور جان سے مارے جائیں۔ اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہو گا۔ 12 اور اگر کوئی شخص اپنی بہُو سے صُحبت کرے تو وہ دونوں ضرُور جان سے مارے جائیں۔ اُنہوں نے اَوندھی بات کی ہے۔ اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہو گا۔ 13 اور اگر کوئی مَرد سے صُحبت کرے جَیسے عَورت سے کرتے ہیں تو اُن دونوں نے نِہایت مکرُوہ کام کِیا ہے۔ سو وہ دونوں ضرُور جان سے مارے جائیں۔ اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہو گا۔ 14 اور اگر کوئی شخص اپنی بِیوی اور اپنی ساس دونوں کو رکھّے تو یہ بڑی خباثت ہے۔ سو وہ آدمی اور وہ عَورتیں تِینوں کے تِینوں جلا دِئے جائیں تاکہ تُمہارے درمِیان خباثت نہ رہے۔ 15 اور اگر کوئی مَرد کِسی جانور سے جماع کرے تو وہ ضرُور جان سے مارا جائے اور تُم اُس جانور کو بھی مار ڈالنا۔ 16 اور اگر کوئی عَورت کِسی جانور کے پاس جائے اور اُس سے ہم صُحبت ہو تو تُو اُس عَورت اور جانور دونوں کو مار ڈالنا۔ وہ ضرُور جان سے مارے جائیں۔ اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہو گا۔
17 اور اگر کوئی مَرد اپنی بہن کو جو اُس کے باپ کی یا اُس کی ماں کی بیٹی ہو لے کر اُس کا بدن دیکھے اور اُس کی بہن اُس کا بدن دیکھے تو یہ شرم کی بات ہے۔ وہ دونوں اپنی قَوم کے لوگوں کی آنکھوں کے سامنے قتل کِئے جائیں۔ اُس نے اپنی بہن کے بدن کو بے پردہ کِیا۔ اُس کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا۔ 18 اور اگر مَرد اُس عَورت سے جو کپڑوں سے ہو صُحبت کر کے اُس کے بدن کو بے پردہ کرے تو اُس نے اُس کا چشمہ کھولا اور اُس عَورت نے اپنے خُون کا چشمہ کُھلوایا۔ سو وہ دونوں اپنی قَوم میں سے کاٹ ڈالے جائیں۔
19 اور تُو اپنی خالہ یا پُھوپھی کے بدن کو بے پردہ نہ کرنا کیونکہ جو اَیسا کرے اُس نے اپنی قرِیبی رِشتہ دار کو بے پردہ کِیا۔ سو اُن دونوں کا گُناہ اُن ہی کے سر لگے گا۔ 20 اور اگر کوئی اپنی چچی یا تائی سے صُحبت کرے تو اُس نے اپنے چچا یا تاؤُ کے بدن کو بے پردہ کِیا۔ سو اُن کا گُناہ اُن کے سر لگے گا۔ وہ لاولد مریں گے۔ 21 اگر کوئی شخص اپنے بھائی کی بِیوی کو رکھّے تو یہ نجاست ہے۔ اُس نے اپنے بھائی کے بدن کو بے پردہ کِیا۔ وہ لاولد رہیں گے۔
22 سو تُم میرے سب آئِین اور احکام ماننا اور اُن پر عمل کرنا تاکہ وہ مُلک جِس میں مَیں تُم کو بسانے کو لِئے جاتا ہُوں تُم کو اُگل نہ دے۔ 23 تُم اُن قَوموں کے دستُوروں پر جِن کو مَیں تُمہارے آگے سے نِکالتا ہُوں مت چلنا کیونکہ اُنہوں نے یہ سب کام کِئے۔ اِسی لِئے مُجھے اُن سے نفرت ہو گئی۔ 24 پر مَیں نے تُم سے کہا ہے کہ تُم اُن کے مُلک کے وارِث ہو گے اور مَیں تُم کو وہ مُلک جِس میں دُودھ اور شہد بہتا ہے تُمہاری مِلکِیّت ہونے کے لِئے دُوں گا۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں جِس نے تُم کو اَور قَوموں سے الگ کِیا ہے۔ 25 سو تُم پاک اور ناپاک چَوپایوں میں اور پاک اور ناپاک پرِندوں میں فرق کرنا اور تُم کِسی جانور یا پرِندے یا زمِین پر کے رینگنے والے جاندار سے جِن کو مَیں نے تُمہارے لِئے ناپاک ٹھہرا کر الگ کِیا ہے اپنے آپ کو مکرُوہ نہ بنا لینا۔ 26 اور تُم میرے لِئے پاک بنے رہنا کیونکہ مَیں جو خُداوند ہُوں پاک ہُوں اور مَیں نے تُم کو اَور قَوموں سے الگ کِیا ہے تاکہ تُم میرے ہی رہو۔
27 اور وہ مَرد یا عَورت جِس میں جِنّ ہو یا وہ جادُوگر ہو تو وہ ضرُور جان سے مارا جائے۔ اَیسوں کو لوگ سنگسار کریں۔ اُن کا خُون اُن ہی کی گردن پر ہو گا۔
کاہِنوں کی پاکِیزگی
1 اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ ہارُونؔ کے بیٹوں سے جو کاہِن ہیں کہہ کہ اپنے قبِیلہ کے مُردہ کے سبب سے کوئی اپنے آپ کو نجِس نہ کر لے۔ 2 اپنے قرِیبی رِشتہ داروں کے سبب سے جَیسے اپنی ماں کے سبب سے اور اپنے باپ کے سبب سے اور اپنے بیٹے بیٹی کے سبب سے اور اپنے بھائی کے سبب سے۔ 3 اور اپنی سگی کُنواری بہن کے سبب سے جِس نے شَوہر نہ کِیا ہو۔ اِن کی خاطِر وہ اپنے کو نجِس کر سکتا ہے۔ 4 چُونکہ وہ اپنے لوگوں میں سردار ہے اِس لِئے وہ اپنے آپ کو اَیسا آلُودہ نہ کرے کہ ناپاک ہو جائے۔
5 وہ نہ اپنے سر اُن کی خاطِر بیچ سے گھٹوائیں اور نہ اپنی داڑھی کے کونے مُنڈوائیں اور نہ اپنے کو زخمی کریں۔ 6 وہ اپنے خُدا کے لِئے پاک بنے رہیں اور اپنے خُدا کے نام کو بے حُرمت نہ کریں کیونکہ وہ خُداوند کی آتِشِین قُربانِیاں جو اُن کے خُدا کی غِذا ہیں گُذرانتے ہیں۔ اِس لِئے وہ پاک رہیں۔ 7 وہ کِسی فاحشہ یا ناپاک عَورت سے بیاہ نہ کریں اور نہ اُس عَورت سے بیاہ کریں جِسے اُس کے شَوہر نے طلاق دی ہو کیونکہ کاہِن اپنے خُدا کے لِئے مُقدّس ہے۔ 8 پس تُو کاہِن کو مُقدّس جاننا کیونکہ وہ تیرے خُدا کی غِذا گُذرانتا ہے۔ سو وہ تیری نظر میں مُقدّس ٹھہرے کیونکہ مَیں خُداوند جو تُم کو مُقدّس کرتا ہُوں قُدُّوس ہُوں۔ 9 اور اگر کاہِن کی بیٹی فاحِشہ بن کر اپنے آپ کو ناپاک کرے تو وہ اپنے باپ کو ناپاک ٹھہراتی ہے۔ وہ عَورت آگ میں جلائی جائے۔
10 اور وہ جو اپنے بھائیوں کے درمِیان سردار کاہِن ہو جِس کے سر پر مَسح کرنے کا تیل ڈالا گیا اور جو پاک لِباس پہننے کے لِئے مخصُوص کِیا گیا وہ اپنے سر کے بال بِکھرنے نہ دے اور اپنے کپڑے نہ پھاڑے۔ 11 وہ کِسی مُردہ کے پاس نہ جائے اور نہ اپنے باپ یا ماں کی خاطِر اپنے آپ کو نجس کرے۔ 12 اور وہ مَقدِس کے باہر بھی نہ نِکلے اور نہ اپنے خُدا کے مَقدِس کو بے حُرمت کرے کیونکہ اُس کے خُدا کے مَسح کرنے کے تیل کا تاج اُس پر ہے۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ 13 اور وہ کُنواری عَورت سے بیاہ کرے۔ 14 جو بیوہ یا مُطلقہ یا ناپاک عَورت یا فاحِشہ ہو اُن سے وہ بیاہ نہ کرے بلکہ وہ اپنی ہی قَوم کی کُنواری کو بیاہ لے۔ 15 اور وہ اپنے تُخم کو اپنی قَوم میں ناپاک نہ ٹھہرائے کیونکہ مَیں خُداوند ہُوں جو اُسے مُقدّس کرتا ہُوں۔
16 پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 17 ہارُونؔ سے کہہ دے کہ تیری نسل میں پُشت در پُشت اگر کوئی کِسی طرح کا عَیب رکھتا ہو تو وہ اپنے خُدا کی غِذا گُذراننے کو نزدِیک نہ آئے۔ 18 خواہ کوئی ہو جِس میں عَیب ہو وہ نزدِیک نہ آئے۔ خواہ وہ اندھا ہو یا لنگڑا یا نکچپٹا ہو یا زائِدُالاعضا۔ 19 یا اُس کا پاؤں ٹُوٹا ہو یا ہاتھ ٹُوٹا ہو۔ 20 یا وہ کُبڑا یا بَونا ہو یا اُس کی آنکھ میں کُچھ نقص ہو یا کُھجلی بھرا ہو یا اُس کے پپڑِیاں ہوں یا اُس کے خُصئے پِچکے ہوں۔ 21 ہارُونؔ کاہِن کی نسل میں سے کوئی جو عَیب دار ہو خُداوند کی آتِشِین قُربانِیاں گُذراننے کو نزدِیک نہ آئے۔ وہ عَیب دار ہے۔ وہ ہرگِز اپنے خُدا کی غِذا گُذراننے کو پاس نہ آئے۔ 22 وہ اپنے خُدا کی نِہایت ہی مُقدّس اور پاک دونوں طرح کی روٹی کھائے۔ 23 لیکن پردہ کے اندر داخِل نہ ہو نہ مذبح کے پاس آئے اِس لِئے کہ وہ عَیب دار ہے تا اَیسا نہ ہو کہ وہ میرے مُقدّس مقاموں کو بے حُرمت کرے کیونکہ مَیں خُداوند اُن کا مُقدّس کرنے والا ہُوں۔
24 سو مُوسیٰؔ نے ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں اور سب بنی اِسرائیل سے یہ باتیں کہِیں۔
نذرانوں اور قُربانیوں کی پاکِیزگی
1 اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 2 ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں سے کہہ کہ وہ بنی اِسرائیل کی پاک چِیزوں سے جِن کو وہ میرے لِئے مُقدّس کرتے ہیں اپنے آپ کو بچائے رکھّیں اور میرے پاک نام کو بے حُرمت نہ کریں۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ 3 اُن کو کہہ دے کہ تُمہاری پُشت در پُشت جو کوئی تُمہاری نسل میں سے اپنی ناپاکی کی حالت میں اُن پاک چِیزوں کے پاس جائے جِن کو بنی اِسرائیل خُداوند کے لِئے مُقدّس کرتے ہیں وہ شخص میرے حضُور سے کاٹ ڈالا جائے گا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
4 ہارونؔ کی نسل میں جو کوڑھی یا جریان کا مرِیض ہو وہ جب تک پاک نہ ہو جائے پاک چِیزوں میں سے کُچھ نہ کھائے اور جو کوئی اَیسی چِیز کو جو مُردہ کے سبب سے ناپاک ہو گئی ہے یا اُس شخص کو جِس کی دھات بہتی ہو چُھوئے۔ 5 یا جو کوئی کِسی رینگنے والے جاندار کو جِس کے چُھونے سے وہ ناپاک ہو سکتا ہے چُھوئے یا کِسی اَیسے شخص کو چُھوئے جِس سے اُس کی ناپاکی خواہ وہ کِسی قِسم کی ہو اُس کو بھی لگ سکتی ہو۔ 6 تو وہ آدمی جو اِن میں سے کِسی کو چُھوئے شام تک ناپاک رہے گا اور جب تک پانی سے غُسل نہ کر لے پاک چِیزوں میں سے کُچھ نہ کھائے۔ 7 اور وہ اُس وقت پاک ٹھہرے گا جب آفتاب غرُوب ہو جائے۔ اِس کے بعد وہ پاک چِیزوں میں سے کھائے کیونکہ یہ اُس کی خُوراک ہے۔ 8 اور مُردار یا درِندہ کے پھاڑے ہُوئے جانور کو کھانے سے وہ اپنے آپ کو نجِس نہ کر لے۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
9 اِس لِئے وہ میری شرع کو مانیں تا نہ ہو کہ اُس کے سبب سے اُن کے سر گُناہ لگے اور اُس کی بے حُرمتی کرنے کی وجہ سے وہ مَر بھی جائیں۔ مَیں خُداوند اُن کا مُقدّس کرنے والا ہُوں۔
10 کوئی اجنبی پاک چِیز کو نہ کھانے پائے خواہ وہ کاہِن ہی کے ہاں ٹھہرا ہو یا اُس کا نوکر ہو تَو بھی وہ کوئی پاک چِیز نہ کھائے۔ 11 لیکن وہ جِسے کاہِن نے اپنے زر سے خریدا ہو اُسے کھا سکتا ہے اور وہ جو اُس کے گھر میں پَیدا ہُوئے ہوں وہ بھی اُس کے کھانے میں سے کھائیں۔ 12 اگر کاہِن کی بیٹی کِسی اجنبی سے بیاہی گئی ہو تو وہ پاک چِیزوں کی قُربانی میں سے کُچھ نہ کھائے۔ 13 پر اگر کاہِن کی بیٹی بیوہ ہو جائے یا مُطلّقہ ہو اور بے اَولاد ہو اور لڑکپن کے دِنوں کی طرح اپنے باپ کے گھر میں پِھر آ کر رہے تو وہ اپنے باپ کے کھانے میں سے کھائے لیکن کوئی اجنبی اُسے نہ کھائے۔
14 اور اگر کوئی نادانِستہ پاک چِیز کو کھا جائے تو وہ اُس کے پانچویں حِصّہ کے برابر اپنے پاس سے اُس میں مِلا کر وہ پاک چِیز کاہِن کو دے۔ 15 اور وہ بنی اِسرائیل کی پاک چِیزوں کو جِن کو وہ خُداوند کی نذر کرتے ہوں بے حُرمت کر کے۔ 16 اُن کے سر اُس گُناہ کا جُرم نہ لادیں جو اُن کی پاک چِیزوں کے کھانے سے ہو گا کیونکہ مَیں خُداوند اُن کا مُقدّس کرنے والا ہُوں۔
17 اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 18 ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں اور سب بنی اِسرائیل سے کہہ کہ اِسرائیلؔ کے گھرانے کا یا اُن پردیسیوں میں سے جو اِسرائیلِیوں کے درمِیان رہتے ہیں جو کوئی شخص اپنی قُربانی لائے خواہ وہ کوئی مَنّت کی قُربانی ہو یا رضا کی قُربانی جِسے وہ سوختنی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور گُذرانا کرتے ہیں۔ 19 تو اپنے مقبُول ہونے کے لِئے تُم بَیلوں یا برّوں یا بکروں میں سے بے عَیب نر چڑھانا۔ 20 اور جِس میں عَیب ہو اُسے نہ چڑھانا کیونکہ وہ تُمہاری طرف سے مقبُول نہ ہو گا۔ 21 اور جو کوئی اپنی مَنّت پُوری کرنے کے لِئے یا رضا کی قُربانی کے طَور پر گائے بَیل یا بھیڑ بکری میں سے سلامتی کا ذبِیحہ خُداوند کے حضُور گُذرانے تو وہ جانور مقبُول ٹھہرنے کے لِئے بے عَیب ہو۔ اُس میں کوئی نقص نہ ہو۔ 22 جو اندھا یا شِکستہ عضُو یا لُولا ہو یا جِس کے رسَولی یا کُھجلی یا پپڑیاں ہوں اَیسوں کو خُداوند کے حضُور نہ چڑھانا اور نہ مذبح پر اُن کی آتِشِین قُربانی خُداوند کے حضُور گُذراننا۔ 23 جِس بچھڑے یا برّے کا کوئی عضُو زِیادہ یا کم ہو اُسے تو رضا کی قُربانی کے طَور پر گُذران سکتا ہے پر مَنّت پُوری کرنے کے لِئے وہ مقبُول نہ ہو گا۔ 24 جِس جانور کے خُصئے کُچلے ہُوئے یا چُور کِئے ہُوئے یا ٹُوٹے یا کٹے ہُوئے ہوں اُسے تُم خُداوند کے حضُور نہ چڑھانا اور نہ اپنے مُلک میں اَیسا کام کرنا۔
25 اور نہ اِن میں سے کِسی کو لے کر تُم اپنے خُدا کی غِذا پردیسی یا اجنبی کے ہاتھ سے چڑھوانا کیونکہ اُن کا بِگاڑ اُن میں مَوجُود ہوتا ہے۔ اُن میں عَیب ہے۔ سو وہ تُمہاری طرف سے مقبُول نہ ہوں گے۔
26 اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 27 جِس وقت بچھڑا یا بھیڑ یا بکری کا بچّہ پَیدا ہو تو سات دِن تک وہ اپنی ماں کے ساتھ رہے اور آٹھویں دِن سے اور اُس کے بعد سے وہ خُداوند کی آتِشِین قُربانی کے لِئے مقبُول ہو گا۔ 28 اور خواہ گائے ہو یا بھیڑ بکری تُم اُسے اور اُس کے بچّے دونوں کو ایک ہی دِن ذبح نہ کرنا۔ 29 اور جب تُم خُداوند کے شُکرانہ کا ذبِیحہ قُربانی کرو تو اُسے اِس طرح قُربانی کرنا کہ تُم مقبُول ٹھہرو۔ 30 اور وہ اُسی دِن کھا بھی لِیا جائے۔ تُم اُس میں سے کُچھ بھی دُوسرے دِن کی صُبح تک باقی نہ چھوڑنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
31 سو تُم میرے حُکموں کو ماننا اور اُن پر عمل کرنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔ 32 تُم میرے پاک نام کو ناپاک نہ ٹھہرانا کیونکہ مَیں بنی اِسرائیل کے درمِیان ضرُور ہی پاک مانا جاؤُں گا۔ مَیں خُداوند تُمہارا مُقدّس کرنے والا ہُوں۔ 33 جو تُم کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال لایا ہُوں تاکہ تُمہارا خُدا بنا رہُوں۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
مذہبی عِیدیں
1 اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 2 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ خُداوند کی عِیدیں جِن کا تُم کو مُقدّس مجمعوں کے لِئے اِعلان دینا ہو گا میری وہ عِیدیں یہ ہیں۔ 3 چھ دِن کام کاج کِیا جائے پر ساتواں دِن خاص آرام کا اور مُقدّس مجمع کا سبت ہے۔ اُس روز کِسی طرح کا کام نہ کرنا۔ وہ تُمہاری سب سکُونت گاہوں میں خُداوند کا سبت ہے۔ 4 خُداوند کی عِیدیں جِن کا اِعلان تُم کو مُقدّس مجمعوں کے لِئے وقتِ مُعیّن پر کرنا ہو گا سو یہ ہیں۔
فَسح اور بے خمِیری روٹی
5 پہلے مہِینے کی چَودھوِیں تارِیخ کو شام کے وقت خُداوند کی فَسح ہُؤا کرے۔ 6 اور اُسی مہِینے کی پندرھوِیں تارِیخ کو خُداوند کے لِئے عِیدِ فطِیر ہو۔ اُس میں تُم سات دِن تک بے خمِیری روٹی کھانا۔ 7 پہلے دِن تُمہارا مُقدّس مجمع ہو۔ اُس میں تُم کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا۔ 8 اور ساتوں دِن تُم خُداوند کے حضُور آتشِین قُربانی گُذراننا اور ساتویں دِن پِھر مُقدّس مجمع ہو۔ اُس روز تُم کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا۔
9 اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 10 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ جب تُم اُس مُلک میں جو مَیں تُم کو دیتا ہوں داخِل ہو جاؤ اور اُس کی فصل کاٹو تو تُم اپنی فصل کے پہلے پَھلوں کا ایک پُولا کاہِن کے پاس لانا۔ 11 اور وہ اُسے خُداوند کے حضُور ہلائے تاکہ وہ تُمہاری طرف سے قبُول ہو اور کاہِن اُسے سبت کے دُوسرے دِن صُبح کو ہلائے۔ 12 اور جِس دِن تُم پُولے کو ہِلواؤ اُسی دِن ایک نر بے عَیب یکسالہ برّہ سوختنی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور گُذراننا۔ 13 اور اُس کے ساتھ نذر کی قُربانی کے لِئے تیل مِلا ہُؤا مَیدہ اَیفہ کے دو دہائی حِصّہ کے برابر ہو تاکہ وہ آتِشِین قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور راحت انگیز خُوشبُو کے لِئے جلائی جائے اور اُس کے ساتھ مَے کا تپاون ہِین کے چَوتھے حِصّہ کے برابر مَے لے کر کرنا۔ 14 اور جب تک تُم اپنے خُدا کے لِئے یہ چڑھاوا نہ لے آؤ اُس دِن تک نئی فصل کی روٹی یا بُھنا ہُؤا اناج یا ہری بالیں ہرگِز نہ کھانا۔ تُمہاری سب سکُونت گاہوں میں پُشت در پُشت ہمیشہ یِہی آئِین رہے گا۔
فصل کاٹنے کی عِید
15 اور تُم سبت کے دُوسرے دِن سے جِس دِن ہلانے کی قُربانی کے لِئے پُولا لاؤ گے گِننا شرُوع کرنا جب تک سات سبت پُورے نہ ہو جائیں۔ 16 اور ساتویں سبت کے دُوسرے دِن تک پچاس دِن گِن لینا۔ تب تُم خُداوند کے لِئے نذر کی نئی قُربانی گُذراننا۔ 17 تُم اپنے گھروں میں سے اَیفہ کے دو دہائی حِصّہ کے وزن کے مَیدہ کے دو گِردے ہلانے کی قُربانی کے لِئے لے آنا۔ وہ خمِیر کے ساتھ پکائے جائیں تاکہ خُداوند کے لِئے پہلے پَھل ٹھہریں۔ 18 اور اُن گِردوں کے ساتھ ہی تُم سات یکسالہ بے عَیب برّے اور ایک بچھڑا اور دو مینڈھے لانا تاکہ وہ اپنی اپنی نذر کی قُربانی اور تپاون کے ساتھ خُداوند کے حضُور سوختنی قُربانی کے طَور پر گُذرانے جائیں اور خُداوند کے حضُور راحت انگیز خُوشبُو کی آتِشِین قُربانی ٹھہریں۔ 19 اور تُم خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بکرا اور سلامتی کے ذبیحہ کے لِئے دو یکسالہ نر برّے چڑھانا۔ 20 اور کاہِن اِن کو پہلے پَھل کے دونوں گِردوں کے ساتھ لے کر اُن دونوں برّوں سمیت ہلانے کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور ہلائے۔ وہ خُداوند کے لِئے مُقدّس اور کاہِن کا حِصّہ ٹھہریں۔ 21 اور تُم عَین اُسی دِن اِعلان کر دینا۔ اُس روز تُمہارا مُقدّس مجمع ہو۔ تُم اُس دِن کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا۔ تُمہاری سب سکُونت گاہوں میں پُشت در پُشت سدا یِہی آئِین رہے گا۔
22 اور جب تُم اپنی زمِین کی پَیداوار کی فصل کاٹو تو تُو اپنے کھیت کو کونے کونے تک پُورا نہ کاٹنا اور نہ اپنی فصل کی گِری پڑی بالوں کو جمع کرنا بلکہ اُن کو غریبوں اور مُسافِروں کے لِئے چھوڑ دینا۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔
نئے سال کی عِید
23 اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 24 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ ساتویں مہِینے کی پہلی تارِیخ تُمہارے لِئے خاص آرام کا دِن ہو۔ اُس میں یادگاری کے لِئے نرسِنگے پُھونکے جائیں اور مُقدّس مجمع ہو۔ 25 تُم اُس روز کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا اور خُداوند کے حضُور آتِشِین قُربانی گُذراننا۔
یومِ کفّارہ
26 اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 27 اُسی ساتویں مہِینے کی دسوِیں تارِیخ کو کفّارہ کا دِن ہے۔ اُس روز تُمہارا مُقدّس مجمع ہو اور تُم اپنی جانوں کو دُکھ دینا اور خُداوند کے حضُور آتِشِین قُربانی گُذراننا۔ 28 تُم اُس دِن کِسی طرح کا کام نہ کرنا کیونکہ وہ کفّارہ کا دِن ہے جِس میں خُداوند تُمہارے خُدا کے حضُور تُمہارے لِئے کفّارہ دِیا جائے گا۔ 29 جو شخص اُس دِن اپنی جان کو دُکھ نہ دے وہ اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے گا۔ 30 اور جو شخص اُس دِن کِسی طرح کا کام کرے اُسے مَیں اُس کے لوگوں میں سے فنا کر دُوں گا۔ 31 تُم کِسی طرح کا کام مت کرنا۔ تُمہاری سب سکُونت گاہوں میں پُشت در پُشت سدا یِہی آئِین رہے گا۔ 32 یہ تُمہارے لِئے خاص آرام کا سبت ہو۔ اِس میں تُم اپنی جانوں کو دُکھ دینا۔ تُم اُس مہِینے کی نوِیں تارِیخ کی شام سے دُوسری شام تک اپنا سبت ماننا۔
عِیدِ خیام (جھونپڑوں کی عِید)
33 اور خُداوند نے مُوسیٰ ؔسے کہا۔ 34 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ اُسی ساتویں مہِینے کی پندرھوِیں تارِیخ سے لے کر سات دِن تک خُداوند کے لِئے عِیدِ خیام ہو گی۔ 35 پہلے دِن مُقدّس مجمع ہو۔ تُم اُس دِن کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا۔ 36 تُم ساتوں دِن برابر خُداوند کے حضُور آتشِین قُربانی گُذراننا۔ آٹھویں دِن تُمہارا مُقدّس مجمع ہو اور پِھر خُداوند کے حضُور آتِشِین قُربانی گُذراننا۔ وہ خاص مجمع ہے۔ اُس میں کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا۔
37 یہ خُداوند کی مُقرّرہ عِیدیں ہیں جِن میں تُم مُقدّس مجمعوں کا اِعلان کرنا تاکہ خُداوند کے حضُور آتِشِین قُربانی اور سوختنی قُربانی اور نذر کی قُربانی اور ذبِیحہ اور تپاون ہر ایک اپنے اپنے مُعیّن دِن میں گُذرانا جائے۔ 38 ماسِوا اِن کے خُداوند کے سبتوں کو ماننا اور اپنے ہدیوں اور مَنتوں اور رضا کی قُربانیوں کو جو تُم خُداوند کے حضُور لاتے ہو گُذراننا۔
39 اور ساتویں مہِینے کی پندرھوِیں تارِیخ سے جب تُم زمِین کی پَیداوار جمع کر چُکو تو سات دِن تک خُداوند کی عِید ماننا۔ پہلا دِن خاص آرام کا ہو اور آٹھواں دِن بھی خاص آرام ہی کا ہو۔ 40 سو تُم پہلے دِن خُوشنما درختوں کے پَھل اور کھجُور کی ڈالِیاں اور گھنے درختوں کی شاخیں اور ندیوں کی بیدِ مجنُوں لینا اور تُم خُداوند اپنے خُدا کے آگے سات دِن تک خُوشی منانا۔ 41 اور تُم ہر سال خُداوند کے لِئے سات روز تک یہ عِید مانا کرنا۔ تُمہاری نسل در نسل سدا یِہی آئِین رہے گا کہ تُم ساتویں مہِینے اِس عِید کو مانو۔ 42 سات روز تک برابر تُم سایبانوں میں رہنا۔ جِتنے اِسرائیلؔ کی نسل کے ہیں سب کے سب سایبانوں میں رہیں۔ 43 تاکہ تُمہاری نسل کو معلُوم ہو کہ جب مَیں بنی اِسرائیل کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال کر لا رہا تھا تو مَیں نے اُن کو سایبانوں میں ٹِکایا تھا۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔
44 سو مُوسیٰؔ نے بنی اِسرائیل کو خُداوند کی مُقرّرہ عِیدیں بتا دِیں۔
چراغوں کی نِگہداشت
1 اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 2 بنی اِسرائیل کو حُکم کر کہ وہ تیرے پاس زَیتُون کا کُوٹ کر نِکالا ہُؤا خالِص تیل رَوشنی کے لِئے لائیں تاکہ چراغ ہمیشہ جلتا رہے۔ 3 ہارُونؔ اُسے شہادت کے پردہ کے باہر خَیمۂِ اِجتماع میں شام سے صُبح تک خُداوند کے حضُور قرِینہ سے رکھّا کرے۔ تُمہاری نسل در نسل سدا یِہی آئِین رہے گا۔ 4 وہ ہمیشہ اُن چراغوں کو ترتِیب سے پاک شمعدان پر خُداوند کے حضُور رکھّا کرے۔
5 اور تُو مَیدہ لے کر بارہ گِردے پکانا۔ ہر ایک گِردہ میں اَیفہ کے دو دہائی حِصّہ کے برابر مَیدہ ہو۔ 6 اور تُو اُن کو دو قطاریں کر کے ہر قطار میں چھ چھ روٹیاں پاک میز پر خُداوند کے حضُور رکھنا۔ 7 اور تُو ہر ایک قطار پر خالِص لُبان رکھنا تاکہ وہ روٹی پر یادگاری یعنی خُداوند کے حضُور آتِشِین قُربانی کے طَور پر ہو۔ 8 وہ سدا ہر سبت کے روز اُن کو خُداوند کے حضُور ترتِیب دِیا کرے کیونکہ یہ بنی اِسرائیل کی جانب سے ایک دائِمی عہد ہے۔ 9 اور یہ روٹیاں ہارُونؔ اور اُس کے بیٹوں کی ہوں گی۔ وہ اِن کو کِسی پاک جگہ میں کھائیں کیونکہ وہ ایک جاوِدانی آئِین کے مُطابِق خُداوند کی آتِشِین قُربانیوں میں سے ہارُونؔ کے لِئے نِہایت پاک ہیں۔
جائز اور راست سزا کی ایک مثال
10 اور ایک اِسرائیلی عَورت کا بیٹا جِس کا باپ مِصری تھا اِسرائیلِیوں کے بیچ چلا گیا اور وہ اِسرائیلی عَورت کا بیٹا اور ایک اِسرائیلی لشکر گاہ میں آپس میں مار پِیٹ کرنے لگے۔ 11 اور اِسرائیلی عَورت کے بیٹے نے پاک نام پر کُفربکا اور لَعنت کی۔ تب لوگ اُسے مُوسیٰؔ کے پاس لے گئے۔ اُس کی ماں کا نام سلومِیتؔ تھا جو دِبری کی بیٹی تھی جو دان کے قبِیلہ کا تھا۔ 12 اور اُنہوں نے اُسے حوالات میں ڈال دِیا تاکہ خُداوند کی جانب سے اِس بات کا فَیصلہ اُن پر ظاہِر کِیا جائے۔
13 تب خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 14 اُس لَعنت کرنے والے کو لشکر گاہ کے باہر نِکال کر لے جا اور جِتنوں نے اُسے لَعنت کرتے سُنا وہ سب اپنے اپنے ہاتھ اُس کے سر پر رکھّیں اور ساری جماعت اُسے سنگسار کرے۔ 15 اور تُو بنی اِسرائیل سے کہہ دے کہ جو کوئی اپنے خُدا پر لَعنت کرے اُس کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا۔ 16 اور وہ جو خُداوند کے نام پر کُفربکے ضرُور جان سے مارا جائے۔ ساری جماعت اُسے قطعی سنگسار کرے۔ خواہ وہ دیسی ہو یا پردیسی جب وہ پاک نام پر کُفربکے تو وہ ضرُور جان سے مارا جائے۔
17 اور جو کوئی کِسی آدمی کو مار ڈالے وہ ضرُور جان سے مارا جائے۔ 18 اور جو کوئی کِسی چَوپائے کو مار ڈالے وہ اُس کا مُعاوضہ جان کے بدلے جان دے۔
19 اور اگر کوئی شخص اپنے ہمسایہ کو عَیب دار بنا دے تو جَیسا اُس نے کِیا وَیسا ہی اُس سے کِیا جائے۔ 20 یعنی عضُو توڑنے کے بدلے عضُو توڑنا ہو اور آنکھ کے بدلے آنکھ اور دانت کے بدلے دانت۔ جَیسا عَیب اُس نے دُوسرے آدمی میں پَیدا کر دِیا ہے وَیسا ہی اُس میں بھی کر دِیا جائے۔ 21 الغرض جو کوئی کِسی چَوپائے کو مار ڈالے وہ اُس کا مُعاوضہ دے پر اِنسان کا قاتل جان سے مارا جائے۔ 22 تُم ایک ہی طرح کا قانُون دیسی اور پردیسی دونوں کے لِئے رکھنا کیونکہ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔
23 اور مُوسیٰؔ نے یہ بنی اِسرائیل کو بتایا۔ پس وہ اُس لَعنت کرنے والے کو نِکال کر لشکر گاہ کے باہر لے گئے اور اُسے سنگسار کر دِیا۔ سو بنی اِسرائیل نے جَیسا خُداوند نے مُوسیٰؔ کو حُکم دِیا تھا وَیسا ہی کِیا۔
ساتواں سال
1 اور خُداوند نے کوہِ سِیناؔ پر مُوسیٰؔ سے کہا کہ 2 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ جب تُم اُس مُلک میں جو مَیں تُم کو دیتا ہُوں داخِل ہو جاؤ تو اُس کی زمِین بھی خُداوند کے لِئے سبت کو مانے۔ 3 تُو اپنے کھیت کو چھ برس بونا اور اپنے انگُورِستان کو چھ برس چھانٹنا اور اُس کا پَھل جمع کرنا۔ 4 لیکن ساتویں سال زمِین کے لِئے خاص آرام کا سبت ہو۔ یہ سبت خُداوند کے لِئے ہو۔ اِس میں تُو نہ اپنے کھیت کو بونا اور نہ اپنے انگُورِستان کو چھانٹنا۔ 5 اور نہ اپنی خودرَو فصل کو کاٹنا اور نہ اپنی بے چھٹی تاکوں کے انگُوروں کو توڑنا۔ یہ زمِین کے لِئے خاص آرام کا سال ہو۔ 6 اور زمِین کا یہ سبت تیرے اور تیرے غُلاموں اور تیری لَونڈِیوں اور مزدُوروں اور اُن پردیسِیوں کے لِئے جو تیرے ساتھ رہتے ہیں تُمہاری خُوراک کا باعِث ہو گا۔ 7 اور اُس کی ساری پَیداوار تیرے چَوپایوں اور تیرے مُلک کے اَور جانوروں کے لِئے خُورِش ٹھہرے گی۔
واگُزاری کا سال
8 اور تُو برسوں کے سات سبتوں کو یعنی سات گُنا سات سال گِن لینا اور تیرے حِساب سے برسوں کے سات سبتوں کی مُدّت کُل اُنچاس سال ہوں گے۔ 9 تب تُو ساتویں مہِینے کی دسوِیں تارِیخ کو بڑا نرسِنگا زور سے پُھنکوانا۔ تُم کفّارہ کے روز اپنے سارے مُلک میں یہ نرسِنگا پُھنکوانا۔ 10 اور تُم پچاسویں برس کو مُقدّس جاننا اور تمام مُلک میں سب باشندوں کے لِئے آزادی کی مُنادی کرانا۔ یہ تُمہارے لِئے یوبلی ہو۔ اِس میں تُم میں سے ہر ایک اپنی مِلکِیّت کا مالِک ہو اور ہر شخص اپنے خاندان میں پِھر شامِل ہو جائے۔ 11 وہ پچاسواں برس تُمہارے لِئے یوبلی ہو۔ تُم اُس میں کُچھ نہ بونا اور نہ اُسے جو اپنے آپ پَیدا ہو جائے کاٹنا اور نہ بے چھٹی تاکوں کا انگُور جمع کرنا۔ 12 کیونکہ وہ سالِ یوبلی ہو گا۔ سو وہ تُمہارے لِئے مُقدّس ٹھہرے۔ تُم اُس کی پَیداوار کو کھیت سے لے لے کر کھانا۔
13 اُس سالِ یوبلی میں تُم میں سے ہر ایک اپنی مِلکِیّت کا پِھر مالِک ہو جائے۔ 14 اور اگر تُو اپنے ہمسایہ کے ہاتھ کُچھ بیچے یا اپنے ہمسایہ سے کُچھ خریدے تو تُم ایک دُوسرے پر اندھیر نہ کرنا۔ 15 یوبلی کے بعد جِتنے برس گُذرے ہوں اُن کے شُمار کے مُوافِق تُو اپنے ہمسایہ سے اُسے خریدنا اور وہ اُسے فصل کے برسوں کے شُمار کے مُطابِق تیرے ہاتھ بیچے۔ 16 جِتنے زِیادہ برس ہوں اُتنا ہی دام زِیادہ کرنا اور جِتنے کم برس ہوں اُتنی ہی اُس کی قیمت گھٹانا کیونکہ برسوں کے شُمار کے مُوافِق وہ اُن کی فصل تیرے ہاتھ بیچتا ہے۔ 17 اور تُم ایک دُوسرے پر اندھیر نہ کرنا بلکہ تُو اپنے خُدا سے ڈرتے رہنا کیونکہ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔
ساتویں سال کا مسئلہ
18 سو تُم میری شرِیعت پر عمل کرنا اور میرے حُکموں کو ماننا اور اُن پر چلنا تو تُم اُس مُلک میں امن کے ساتھ بسے رہو گے۔ 19 اور زمِین پھلے گی اور تُم پیٹ بھر کر کھاؤ گے اور وہاں امن کے ساتھ رہا کرو گے۔
20 اور اگر تُم کو خیال ہو کہ ہم ساتویں برس کیا کھائیں گے؟ کیونکہ دیکھو ہم کو نہ تو بونا ہے اور نہ اپنی پَیداوار کو جمع کرنا ہے۔ 21 تو مَیں چھٹے ہی برس اَیسی برکت تُم پر نازِل کروں گا کہ تِینوں سال کے لِئے کافی غلّہ پَیدا ہو جائے گا۔ 22 اور آٹھویں برس پِھر جوتنا بونا اور پِچھلا غلّہ کھاتے رہنا بلکہ جب تک نویں سال کے بوئے ہُوئے کی فصل نہ کاٹ لو اُس وقت تک وہی پِچھلا غلّہ کھاتے رہو گے۔
املاک کی واگُزاری
23 اور زمِین ہمیشہ کے لِئے بیچی نہ جائے کیونکہ زمِین میری ہے اور تُم میرے مُسافِر اور مہمان ہو۔
24 بلکہ تُم اپنی مِلکِیّت کے مُلک میں ہر جگہ زمِین کو چُھڑا لینے دینا۔ 25 اور اگر تُمہارا بھائی مُفلِس ہو جائے اور اپنی مِلکِیّت کا کُچھ حِصّہ بیچ ڈالے تو جو اُس کا سب سے قریبی رِشتہ دار ہے وہ آ کر اُس کو جِسے اُس کے بھائی نے بیچ ڈالا ہے چُھڑا لے۔ 26 اور اگر اُس آدمی کا کوئی نہ ہو جو اُسے چُھڑائے اور وہ خُود مال دار ہو جائے اور اُس کے چُھڑانے کے لِئے اُس کے پاس کافی ہو۔ 27 تو وہ فروخت کے بعد کے برسوں کو گِن کر باقی دام اُس کو جِس کے ہاتھ زمِین بیچی ہے پھیر دے۔ تب وہ پِھر اپنی مِلکِیّت کا مالِک ہو جائے۔ 28 لیکن اگر اُس میں اِتنا مقدُور نہ ہو کہ اپنی زمِین واپس کرا لے تو جو کُچھ اُس نے بیچ ڈالا ہے وہ سالِ یوبلی تک خریدار کے ہاتھ میں رہے اور سالِ یوبلی میں چُھوٹ جائے۔ تب یہ آدمی اپنی مِلکِیّت کا پِھر مالِک ہو جائے۔
29 اور اگر کوئی شخص رہنے کے اَیسے مکان کو بیچے جو کِسی فصِیل دار شہر میں ہو تو وہ اُس کے بِک جانے کے بعد سال بھر کے اندر اندر اُسے چُھڑا سکے گا یعنی پُورے ایک سال تک وہ اُسے چُھڑانے کا حق دار رہے گا۔ 30 اور اگر وہ پُورے ایک سال کی مِیعاد کے اندر چُھڑایا نہ جائے تو اُس فصِیل دار شہر کے مکان پر خرِیدار کا نسل در نسل دائِمی قبضہ ہو جائے اور وہ سالِ یوبلی میں بھی نہ چُھوٹے۔ 31 لیکن جِن دیہات کے گِرد کوئی فصِیل نہیں اُن کے مکانوں کا حِساب مُلک کے کھیتوں کی طرح ہو گا۔ وہ چُھڑائے بھی جا سکیں گے اور سالِ یوبلی میں وہ چُھوٹ بھی جائیں گے۔ 32 تَو بھی لاوِیوں کے جو شہر ہیں لاوی اپنی مِلکِیّت کے شہروں کے مکانوں کو چاہے کِسی وقت چُھڑا لیں۔ 33 اور اگر کوئی دُوسرا لاوی اُن کو چُھڑا لے تو وہ مکان جو بیچا گیا اور اُس کی مِلکِیّت کا شہر دونوں سالِ یوبلی میں چُھوٹ جائیں کیونکہ جو مکان لاوِیوں کے شہروں میں ہیں وُہی بنی اِسرائیل کے درمِیان لاوِیوں کی مِلکِیّت ہیں۔ 34 پر اُن کے شہروں کی نواحی کے کھیت نہیں بِک سکتے کیونکہ وہ اُن کی دائِمی مِلکِیّت ہیں۔
غرِیب اور مُحتاج کے قرضے
35 اور اگر تیرا کوئی بھائی مُفلِس ہو جائے اور وہ تیرے سامنے تنگ دست ہو تو تُو اُسے سنبھالنا۔ وہ پردیسی اور مُسافِر کی طرح تیرے ساتھ رہے۔ 36 تُو اُس سے سُود یا نفع مت لینا بلکہ اپنے خُدا کا خوف رکھنا تاکہ تیرا بھائی تیرے ساتھ زِندگی بسر کر سکے۔ 37 تُو اپنا رُوپَیہ اُسے سُود پر مت دینا اور اپنا کھانا بھی اُسے نفع کے خیال سے نہ دینا۔ 38 مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں جو تُم کو اِسی لِئے مُلکِ مِصرؔ سے نِکال کر لایا کہ مُلکِ کنعاؔن تُم کو دُوں اور تُمہارا خُدا ٹھہروں۔
غُلاموں کی آزادی
39 اور اگر تیرا کوئی بھائی تیرے سامنے اَیسا مُفلِس ہو جائے کہ اپنے کو تیرے ہاتھ بیچ ڈالے تو تُو اُس سے غُلام کی مانِند خِدمت نہ لینا۔ 40 بلکہ وہ مزدُور اور مُسافِر کی مانِند تیرے ساتھ رہے اور سالِ یوبلی تک تیری خِدمت کرے۔ 41 اُس کے بعد وہ بال بچّوں سمیت تیرے پاس سے چلا جائے اور اپنے گھرانے کے پاس اور اپنے باپ دادا کی مِلکِیّت کی جگہ کو لَوٹ جائے۔ 42 اِس لِئے کہ وہ میرے خادِم ہیں جِن کو مَیں مُلکِ مِصرؔ سے نِکال کر لایا ہُوں۔ وہ غُلاموں کی طرح بیچے نہ جائیں۔ 43 تُو اُن پر سختی سے حُکمرانی نہ کرنا بلکہ اپنے خُدا سے ڈرتے رہنا۔ 44 اور تیرے جو غُلام اور تیری جو لَونڈیاں ہوں وہ اُن قَوموں میں سے ہوں جو تُمہارے چَوگِرد رہتی ہیں۔ اُن ہی میں سے تُم غُلام اور لَونڈیاں خرِیدا کرنا۔ 45 ماسِوا اِن کے اُن پردیسِیوں کے لڑکے بالوں میں سے بھی جو تُم میں بُود و باش کرتے ہیں اور اُن کے گھرانوں میں سے جو تُمہارے مُلک میں پَیدا ہُوئے اور تُمہارے ساتھ ہیں تُم خریدا کرنا اور وہ تُمہاری ہی مِلکِیّت ہوں گے۔ 46 اور تُم اُن کو مِیراث کے طَور پر اپنی اَولاد کے نام کر دینا کہ وہ اُن کی مورُوثی مِلکِیّت ہوں۔ اِن میں سے تُم ہمیشہ اپنے لِئے غُلام لِیا کرنا لیکن بنی اِسرائیل جو تُمہارے بھائی ہیں اُن میں سے کِسی پر تُم سختی سے حُکمرانی نہ کرنا۔
47 اور اگر کوئی پردیسی یا مُسافِر جو تیرے ساتھ ہو دَولت مند ہو جائے اور تیرا بھائی اُس کے سامنے مُفلِس ہو کر اپنے آپ کو اُس پردیسی یا مُسافِر یا پردیسی کے خاندان کے کِسی آدمی کے ہاتھ بیچ ڈالے۔ 48 تو بِک جانے کے بعد وہ چُھڑایا جا سکتا ہے۔ اُس کے بھائِیوں میں سے کوئی اُسے چُھڑا سکتا ہے۔ 49 یا اُس کا چچا یا تاؤُ یا اُس کے چچا یا تاؤُ کا بیٹا یا اُس کے خاندان کا کوئی اَور آدمی جو اُس کا قریبی رِشتہ دار ہو وہ اُس کو چُھڑا سکتا ہے یا اگر وہ مال دار ہو جائے تو وہ اپنا فِدیہ دے کر چُھوٹ سکتا ہے۔ 50 وہ اپنے خرِیدار کے ساتھ اپنے کو فروخت کر دینے کے سال سے لے کر سالِ یوبلی تک حِساب کرے اور اُس کے بِکنے کی قِیمت برسوں کی تعداد کے مُطابِق ہو یعنی اُس کا حِساب مزدُور کے ایّام کی طرح اُس کے ساتھ ہو گا۔ 51 اگر یوبلی کے ابھی بُہت سے برس باقی ہوں تو جِتنے رُوپوں میں وہ خریدا گیا تھا اُن میں سے اپنے چُھوٹنے کی قِیمت اُتنے ہی برسوں کے حِساب کے مُطابِق پھیر دے۔ 52 اور اگر سالِ یوبلی کے تھوڑے سے برس رہ گئے ہوں تو وہ اُس کے ساتھ حِساب کرے اور اپنے چُھوٹنے کی قِیمت اُتنے ہی برسوں کے مُطابِق اُسے پھیر دے۔ 53 اور وہ اُس مزدُور کی طرح اپنے آقا کے ساتھ رہے اِس کی اُجرت سال بسال ٹھہرائی جاتی ہو اور اُس کا آقا اُس پر تُمہارے سامنے سختی سے حُکُومت نہ کرنے پائے۔ 54 اور اگر وہ اِن طرِیقوں سے چُھڑایا نہ جائے تو سالِ یوبلی میں بال بچّوں سمیت چُھوٹ جائے۔ 55 کیونکہ بنی اِسرائیل میرے لِئے خادِم ہیں۔ وہ میرے خادِم ہیں جِن کو مَیں مُلکِ مِصرؔ سے نِکال کر لایا ہُوں۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔
فرمانبرداری کے لِئے برکات
1 تُم اپنے لِئے بُت نہ بنانا اور نہ کوئی تراشی ہُوئی مُورت یا لاٹ اپنے لِئے کھڑی کرنا اور نہ اپنے مُلک میں کوئی شبِیہہ دار پتّھر رکھنا کہ اُسے سِجدہ کرو اِس لِئے کہ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔ 2 تُم میرے سبتوں کو ماننا اور میرے مَقدِس کی تعظِیم کرنا۔ مَیں خُداوند ہُوں۔
3 اگر تُم میری شرِیعت پر چلو اور میرے حُکموں کو مانو اور اُن پر عمل کرو۔ 4 تو مَیں تُمہارے لِئے بر وقت مِینہہ برساؤں گا اور زمِین سے اناج پَیدا ہو گا اور مَیدان کے درخت پھلیں گے۔ 5 یہاں تک کہ انگُور جمع کرنے کے وقت تک تُم داؤتے رہو گے اور جوتنے بونے کے وقت تک انگُور جمع کرو گے اور پیٹ بھر اپنی روٹی کھایا کرو گے اور چَین سے اپنے مُلک میں بسے رہو گے۔
6 اور مَیں مُلک میں امن بخشُوں گا اور تُم سوؤ گے اور تُم کو کوئی نہیں ڈرائے گا اور مَیں بُرے درِندوں کو مُلک سے نیست کر دُوں گا اور تلوار تُمہارے مُلک میں نہیں چلے گی۔ 7 اور تُم اپنے دُشمنوں کا پِیچھا کرو گے اور وہ تُمہارے آگے آگے تلوار سے مارے جائیں گے۔ 8 اور تُمہارے پانچ آدمی سَو کو رگیدیں گے اور تُمہارے سَو آدمی دس ہزار کو کھدیڑ دیں گے اور تُمہارے دُشمن تلوار سے تُمہارے آگے آگے مارے جائیں گے۔ 9 اور مَیں تُم پر نظرِ عِنایت رکھّوں گا اور تُم کو برومند کرُوں گا اور بڑھاؤُں گا اور جو میرا عہد تُمہارے ساتھ ہے اُسے پُورا کرُوں گا۔ 10 اور تُم عرصہ کا ذخِیرہ کِیا ہُؤا پُرانا اناج کھاؤ گے اور نئے کے سبب سے پُرانے کو نِکال باہر کرو گے۔ 11 اور مَیں اپنا مسکن تُمہارے درمِیان قائِم رکھُّوں گا اور میری رُوح تُم سے نفرت نہ کرے گی۔ 12 اور مَیں تُمہارے درمِیان چلا پِھرا کرُوں گا اور تُمہارا خُدا ہُوں گا اور تُم میری قَوم ہو گے۔ 13 مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں جو تُم کو مُلکِ مِصرؔ سے اِسی لِئے نِکال کر لے آیا کہ تُم اُن کے غُلام نہ بنے رہو اور مَیں نے تُمہارے جوئے کی چوبیں توڑ ڈالی ہیں اور تُم کو سِیدھا کھڑا کر کے چلایا۔
نافرمانی کی سزا
14 لیکن اگر تُم میری نہ سُنو اور اِن سب حُکموں پر عمل نہ کرو۔ 15 اور میری شرِیعت کو ترک کرو اور تُمہاری رُوحوں کو میرے فَیصلوں سے نفرت ہو اور تُم میرے سب حُکموں پر عمل نہ کرو بلکہ میرے عہد کو توڑو۔ 16 تو مَیں بھی تُمہارے ساتھ اِس طرح پیش آؤُں گا کہ دہشت اور تپِ دِق اور بُخار کو تُم پر مُقرّر کر دُوں گا جو تُمہاری آنکھوں کو چَوپٹ کر دیں گے اور تُمہاری جان کو گُھلا ڈالیں گے اور تُمہارا بیج بونا فضُول ہو گا کیونکہ تُمہارے دُشمن اُس کی فصل کھائیں گے۔ 17 اور مَیں خُود بھی تُمہارا مُخالِف ہو جاؤُں گا اور تُم اپنے دُشمنوں کے آگے شِکست کھاؤ گے اور جِن کو تُم سے عداوت ہے وُہی تُم پر حُکمرانی کریں گے اور جب کوئی تُم کو رگیدتا بھی نہ ہو گا تب بھی تُم بھاگو گے۔
18 اور اگر اِتنی باتوں پر بھی تُم میری نہ سُنو تو مَیں تُمہارے گُناہوں کے باعِث تُم کو سات گُنی سزا اَور دُوں گا۔ 19 اور مَیں تُمہاری شہزوری کے فخر کو توڑ ڈالُوں گا اور تُمہارے لِئے آسمان کو لوہے کی طرح اور زمِین کو پِیتل کی مانِند کر دُوں گا۔ 20 اور تُمہاری قُوّت بے فائِدہ صرف ہو گی کیونکہ تُمہاری زمِین سے کُچھ پَیدا نہ ہو گا اور مَیدان کے درخت پھلنے ہی کے نہیں۔
21 اور اگر تُمہارا چلن میرے خِلاف ہی رہے اور تُم میرا کہا نہ مانو تو مَیں تُمہارے گُناہوں کے مُوافِق تُمہارے اُوپر اَور سات گُنی بلائیں لاؤُں گا۔ 22 جنگلی درِندے تُمہارے درمِیان چھوڑ دُوں گا جو تُم کو بے اَولاد کر دیں گے اور تُمہارے چَوپایوں کو نیست کریں گے اور تُمہارا شُمار گھٹا دیں گے اور تُمہاری سڑکیں سُونی پڑ جائیں گی۔
23 اور اگر اِن باتوں پر بھی تُم میرے لِئے نہ سُدھرو بلکہ میرے خِلاف ہی چلتے رہو۔ 24 تو مَیں بھی تُمہارے خِلاف چلُوں گا اور مَیں آپ ہی تُمہارے گُناہوں کے لِئے تُم کو اَور سات گُنا مارُوں گا۔ 25 اور تُم پر ایک اَیسی تلوار چلواؤُں گا جو عہد شِکنی کا پُورا پُورا اِنتِقام لے لے گی اور جب تُم اپنے شہروں کے اندر جا جا کر اِکٹّھے ہو جاؤ تو مَیں وبا کو تُمہارے درمِیان بھیجُوں گا اور تُم غنِیم کے ہاتھ میں سَونپ دِئے جاؤ گے۔ 26 اور جب مَیں تُمہاری روٹی کا سِلسِلہ توڑ دُوں گا تو دس عَورتیں ایک ہی تنُور میں تُمہاری روٹی پکائیں گی اور تُمہاری اُن روٹِیوں کو تول تول کر دیتی جائیں گی اور تُم کھاتے جاؤ گے پر سیر نہ ہو گے۔
27 اور اگر تُم اِن سب باتوں پر بھی میری نہ سُنو اور میرے خِلاف ہی چلتے رہو۔ 28 تو مَیں اپنے غضب میں تُمہارے برخِلاف چلُوں گا اور تُمہارے گُناہوں کے باعِث تُم کو سات گُنی سزا بھی دُوں گا۔ 29 اور تُم کو اپنے بیٹوں کا گوشت اور اپنی بیٹیوں کا گوشت کھانا پڑے گا۔ 30 اور مَیں تُمہاری پرستِش کے بُلند مقاموں کو ڈھا دُوں گا اور تُمہاری سُورج کی مُورتوں کو کاٹ ڈالُوں گا اور تُمہاری لاشیں تُمہارے شِکستہ بُتوں پر ڈال دُوں گا اور میری رُوح کو تُم سے نفرت ہو جائے گی۔ 31 اور مَیں تُمہارے شہروں کو وِیران کر ڈالُوں گا اور تُمہارے مَقدِسوں کو اُجاڑ بنا دُوں گا اور تُمہاری خُوشبُویِ شِیرِین کی لپٹ کو مَیں سُونگھنے کا بھی نہیں۔ 32 اور مَیں مُلک کو سُونا کر دُوں گا اور تُمہارے دُشمن جو وہاں رہتے ہیں اِس بات سے حَیران ہوں گے۔ 33 اور مَیں تُم کو غَیر قَوموں میں پراگندہ کر دُوں گا اور تُمہارے پِیچھے پِیچھے تلوار کھینچے رہُوں گا اور تُمہارا مُلک سُونا ہو جائے گا اور تُمہارے شہر وِیرانہ بن جائیں گے۔ 34 اور یہ زمِین جب تک وِیران رہے گی اور تُم دُشمنوں کے مُلک میں ہو گے تب تک وہ اپنے سبت منائے گی۔ تب ہی اِس زمِین کو آرام بھی مِلے گا اور وہ اپنے سبت بھی منانے پائے گی۔ 35 یہ جب تک وِیران رہے گی تب ہی تک آرام بھی کرے گی جو اِسے کبھی تُمہارے سبتوں میں جب تُم اُس میں رہتے تھے نصِیب نہیں ہُؤا تھا۔
36 اور جو تُم میں سے بچ جائیں گے اور اپنے دُشمنوں کے مُلکوں میں ہوں گے اُن کے دِل کے اندر مَیں بے ہمّتی پَیدا کر دُوں گا اور اُڑتی ہُوئی پتّی کی آواز اُن کو کھدیڑے گی اور وہ اَیسے بھاگیں گے جَیسے کوئی تلوار سے بھاگتا ہو اور حالانکہ کوئی پِیچھا بھی نہ کرتا ہو گا تَو بھی وہ گِر گِر پڑیں گے۔ 37 اور وہ تلوار کے خَوف سے ایک دُوسرے سے ٹکرا ٹکرا جائیں گے باوجُودیکہ کوئی کھدیڑتا نہ ہو گا اور تُم کو اپنے دُشمنوں کے مُقابلہ کی تاب نہ ہو گی۔ 38 اور تُم غَیر قَوموں کے درمِیان پراگندہ ہو کر ہلاک ہو جاؤ گے اور تُمہارے دُشمنوں کی زمِین تُم کو کھا جائے گی۔ 39 اور تُم میں سے جو باقی بچیں گے وہ اپنی بدکاری کے سبب سے تُمہارے دُشمنوں کے مُلکوں میں گُھلتے رہیں گے اور اپنے باپ دادا کی بدکاری کے سبب سے بھی وہ اُن ہی کی طرح گُھلتے جائیں گے۔
40 تب وہ اپنی اور اپنے باپ دادا کی اِس بدکاری کا اِقرار کریں گے کہ اُنہوں نے مُجھ سے خِلاف وَرزی کر کے میری حُکم عدُولی کی اور یہ بھی مان لیں گے کہ چُونکہ وہ میرے خِلاف چلے تھے۔ 41 اِس لِئے مَیں بھی اُن کا مُخالِف ہُؤا اور اُن کو اُن کے دُشمنوں کے مُلک میں لا چھوڑا۔ اگر اُس وقت اُن کا نامختُون دِل عاجِز بن جائے اور وہ اپنی بدکاری کی سزا کو منظُور کریں۔ 42 تب مَیں اپنا عہد جو یعقُوبؔ کے ساتھ تھا یاد کرُوں گا اور جو عہد مَیں نے اِضحاقؔ کے ساتھ اور جو عہد مَیں نے ابرہامؔ کے ساتھ باندھا تھا اُن کو بھی یاد کرُوں گا اور اِس مُلک کو یاد کرُوں گا۔ 43 اور وہ زمِین بھی اُن سے چُھوٹ کر جب تک اُن کی غَیر حاضِری میں سُونی پڑی رہے گی تب تک اپنے سبتوں کو منائے گی اور وہ اپنی بدکاری کی سزا کو منظُور کر لیں گے۔ اِسی سبب سے کہ اُنہوں نے میرے حُکموں کو ترک کِیا تھا اور اُن کی رُوحوں کو میری شرِیعت سے نفرت ہو گئی تھی۔ 44 اِس پر بھی جب وہ اپنے دُشمنوں کے مُلک میں ہوں گے تو مَیں اُن کو اَیسا ترک نہیں کرُوں گا اور نہ مُجھے اُن سے اَیسی نفرت ہو گی کہ مَیں اُن کو بِالکُل فنا کر دُوں اور میرا جو عہد اُن کے ساتھ ہے اُسے توڑ دُوں کیونکہ مَیں خُداوند اُن کا خُدا ہُوں۔ 45 بلکہ مَیں اُن کی خاطِر اُن کے باپ دادا کے عہد کو یاد کرُوں گا جِن کو مَیں غَیر قَوموں کی آنکھوں کے سامنے مُلکِ مِصرؔ سے نِکال کر لایا تاکہ مَیں اُن کا خُدا ٹھہروں۔ مَیں خُداوند ہوں۔
46 یہ وہ شرِیعت اور احکام اور قوانِین ہیں جو خُداوند نے کوہِ سِیناؔ پر اپنے اور بنی اِسرائیل کے درمِیان مُوسیٰؔ کی معرفت مُقرّر کِئے۔
خُداوند کے لِئے نذرانوں کے بارے میں قوانِین
1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 2 بنی اِسرائیل سے کہہ کہ جب کوئی شخص اپنی مَنّت پُوری کرنے لگے تو مَنّت کے آدمی تیرے قِیمت ٹھہرانے کے مُوافِق خُداوند کے ہوں گے۔
3 سو بِیس برس کی عُمر سے لے کر ساٹھ برس کی عُمر
تک کے مَرد کے لِئے تیری ٹھہرائی ہُوئی
قِیمت مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے
چاندی کی پچاس مِثقال ہوں۔
4 اور اگر وہ عَورت ہو تو تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت
تِیس مِثقال ہوں۔
5 اور اگر پانچ برس سے لے کر بِیس برس تک کی عُمر
ہو تو تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت مَرد کے لِئے
بِیس مِثقال۔
اور عَورت کے لِئے دس مِثقال ہوں۔
6 پر اگر عُمر ایک مہِینے سے لے کر پانچ برس تک کی
ہو تو لڑکے کے لِئے چاندی کی پانچ مِثقال۔
اور لڑکی کے لِئے چاندی کی تِین مِثقال ٹھہرائی جائیں۔
7 اور اگر ساٹھ برس سے لے کر اُوپر اُوپر کی عُمر ہو تو
مَرد کے لِئے پندرہ مِثقال۔
اور عَورت کے لِئے دس مِثقال مُقرّر ہوں۔
8 پر اگر کوئی تیرے اندازہ کی نِسبت کم مقدُور رکھتا ہو تو وہ کاہِن کے سامنے حاضِر کِیا جائے اور کاہِن اُس کی قِیمت ٹھہرائے یعنی جِس شخص نے مَنّت مانی ہے اُس کی جَیسی حَیثِیّت ہو وَیسی ہی قِیمت کاہِن اُس کے لِئے ٹھہرائے۔
9 اور اگر وہ مَنّت کِسی اَیسے جانور کی ہے جِس کی قُربانی لوگ خُداوند کے حضُور چڑھایا کرتے ہیں تو جو جانور کوئی خُداوند کی نذر کرے وہ پاک ٹھہرے گا۔ 10 وہ اُسے پِھر کِسی طرح نہ بدلے۔ نہ تو اچھّے کے عِوض بُرا دے اور نہ بُرے کے عِوض اچھّا دے اور اگر وہ کِسی حال میں ایک جانور کے بدلے دُوسرا جانور دے تو وہ اور اُس کا بدل دونوں پاک ٹھہریں گے۔ 11 اور اگر وہ کوئی ناپاک جانور ہو جِس کی قُربانی خُداوند کے حضُور نہیں گُذرانتے تو وہ اُسے کاہِن کے سامنے کھڑا کرے۔ 12 اور خواہ وہ اچھّا ہو یا بُرا کاہِن اُس کی قِیمت ٹھہرائے۔ اور اَے کاہِن! جو کُچھ تُو اُس کا دام ٹھہرائے گا وُہی رہے گا۔ 13 اور اگر وہ چاہے کہ اُس کا فِدیہ دے کر اُسے چُھڑائے تو جو قِیمت تُو نے ٹھہرائی ہے اُس میں اُس کا پانچواں حِصّہ وہ اَور مِلا کر دے۔
14 اور اگر کوئی اپنے گھر کو مُقدّس قرار دے تاکہ وہ خُداوند کے لِئے پاک ہو تو خواہ وہ اچھّا ہو یا بُرا کاہِن اُس کی قِیمت ٹھہرائے اور جو کُچھ وہ ٹھہرائے وُہی اُس کی قِیمت رہے گی۔ 15 اور جِس نے اُس گھر کو مُقدّس قرار دِیا ہے اگر وہ چاہے کہ گھر کا فِدیہ دے کر اُسے چُھڑائے تو تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت میں اُس کا پانچواں حِصّہ اَور مِلا کر دے۔ تب وہ گھر اُسی کا رہے گا۔
16 اور اگر کوئی شخص اپنے مورُوثی کھیت کا کوئی حِصّہ خُداوند کے لِئے مُقدّس قرار دے تو تُو قِیمت کا اندازہ کرتے وقت یہ دیکھنا کہ اُس میں کِتنا بِیج بویا جائے گا۔ جِتنی زمِین میں ایک خومر کے وزن کے برابر جَو بو سکیں اُس کی قِیمت چاندی کی پچاس مِثقال ہو۔ 17 اگر کوئی سالِ یوبلی سے اپنا کھیت مُقدّس قرار دے تو اُس کی قِیمت جو تُو ٹھہرائے وُہی رہے گی۔ 18 پر اگر وہ سالِ یوبلی کے بعد اپنے کھیت کو مُقدّس قرار دے تو جِتنے برس دُوسرے سالِ یوبلی کے باقی ہوں اُن ہی کے مُطابِق کاہِن اُس کے لِئے رُوپَے کا حِساب کرے اور جِتنا حِساب میں آئے اُتنا تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت سے کم کِیا جائے۔ 19 اور اگر وہ جِس نے اُس کھیت کو مُقدّس قرار دِیا ہے یہ چاہے کہ اُس کا فِدیہ دے کر اُسے چُھڑائے تو وہ تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت کا پانچواں حِصّہ اُس کے ساتھ اَور مِلا کر دے تو وہ کھیت اُسی کا رہے گا۔ 20 اور اگر وہ اُس کھیت کا فِدیہ دے کر اُسے نہ چُھڑائے یا کِسی دُوسرے شخص کے ہاتھ اُسے بیچ دے تو پِھر وہ کھیت کبھی نہ چُھڑایا جائے۔ 21 بلکہ وہ کھیت جب سالِ یوبلی میں چُھوٹے تو وقف کِئے ہُوئے کھیت کی طرح وہ خُداوند کے لِئے مُقدّس ہو گا اور کاہِن کی مِلکِیّت ٹھہرے گا۔
22 اور اگر کوئی شخص کِسی خرِیدے ہُوئے کھیت کو جو اُس کا مورُوثی نہیں خُداوند کے لِئے مُقدّس قرار دے۔ 23 تو کاہِن جِتنے برس دُوسرے سالِ یوبلی کے باقی ہوں اُن کے مُطابِق تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت کا حِساب اُس کے لِئے کرے اور وہ اُسی دِن تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت کو خُداوند کے لِئے مُقدّس جان کر دے دے۔ 24 اور سالِ یوبلی میں وہ کھیت اُسی کو واپس ہو جائے جِس سے وہ خرِیدا گیا تھا اور جِس کی وہ مِلکِیّت ہے۔
25 اور تیرے سارے قِیمت کے اندازے مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے ہوں اور ایک مِثقال بِیس جیراہ کا ہو۔
26 پر فقط چَوپایوں کے پہلوٹھوں کو جو پہلوٹھے ہونے کی وجہ سے خُداوند کے ٹھہر چُکے ہیں کوئی شخص مُقدّس قرار نہ دے خواہ وہ بَیل ہو یا بھیڑ بکری۔ وہ تو خُداوند ہی کا ہے۔ 27 پر اگر وہ کِسی ناپاک جانور کا پہلوٹھا ہو تو وہ شخص تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت کا پانچواں حِصّہ قِیمت میں اَور مِلا کر اُس کا فِدیہ دے اور اُسے چُھڑائے اور اگر اُس کا فِدیہ نہ دِیا جائے تو وہ تیری ٹھہرائی ہُوئی قِیمت پر بیچا جائے۔
28 تَو بھی کوئی مخصُوص کی ہُوئی چِیز جِسے کوئی شخص اپنے سارے مال میں سے خُداوند کے لِئے مخصُوص کرے خواہ وہ اُس کا آدمی یا جانور یا مورُوثی زمِین ہو بیچی نہ جائے اور نہ اُس کا فِدیہ دِیا جائے۔ ہر ایک مخصُوص کی ہُوئی چِیز خُداوند کے لِئے نِہایت پاک ہے۔ 29 اگر آدمِیوں میں سے کوئی مخصُوص کِیا جائے تو اُس کا فِدیہ نہ دِیا جائے۔ وہ ضرُور جان سے مارا جائے۔
30 اور زمِین کی پَیداوار کی ساری دَہ یکی خواہ وہ زمِین کے بِیج کی یا درخت کے پَھل کی ہو خُداوند کی ہے اور خُداوند کے لِئے پاک ہے۔ 31 اور اگر کوئی اپنی دَہ یکی میں سے کُچھ چُھڑانا چاہے تو وہ اُس کا پانچواں حِصّہ اُس میں اَور مِلا کر اُسے چُھڑائے۔ 32 اور گائے بَیل اور بھیڑ بکری یا جو جانور چرواہے کی لاٹھی کے نِیچے سے گُذرتا ہو اُن کی دَہ یکی یعنی دس پِیچھے ایک ایک جانور خُداوند کے لِئے پاک ٹھہرے۔ 33 کوئی اُس کی دیکھ بھال نہ کرے کہ وہ اچھّا ہے یا بُرا ہے اور نہ اُسے بدلے اور اگر کہِیں کوئی اُسے بدلے تو وہ اصل اور بدل دونوں کے دونوں مُقدّس ٹھہریں اور اُس کا فِدیہ بھی نہ دِیا جائے۔
34 جو احکام خُداوند نے کوہِ سِیناؔ پر بنی اِسرائیل کے لِئے مُوسیٰؔ کو دِئے وہ یِہی ہیں۔