Calvary Pentecostal Theological Seminary Pakistan

Urdu Bible

Home Churches Seminary The Bible Books Prayer Request About Us Contact Us

ملاکی


1خُداوند کی طرف سے ملاکی کی معرفت اِسرائیل کے لِئے بارِ نبُوّت:
اِسرائیلؔ کے لِئے خُداوند کی مُحبّت
2خُداوند فرماتا ہے مَیں نے تُم سے مُحبّت رکھّی
تَو بھی تُم کہتے ہو تُو نے کِس بات میں ہم سے محبّت ظاہِر کی؟
خُداوند فرماتا ہے کیا عیسَو یعقُوب کا بھائی نہ تھا؟ لیکن مَیں نے یعقُوب سے مُحبّت رکھّی۔ 3اور عیسَو سے عداوت رکھّی اور اُس کے پہاڑوں کو وِیران کِیا اور اُس کی مِیراث بیابان کے گِیدڑوں کو دی۔
4اگر ادُوم کہے ہم برباد تو ہُوئے پر وِیران جگہوں کو پِھر آ کر تعمِیر کریں گے تو ربُّ الافواج فرماتا ہے اگرچہ وہ تعمِیر کریں پر مَیں ڈھاؤُں گا اور لوگ اُن کا یہ نام رکھّیں گے شرارت کا مُلک۔ وہ لوگ جِن پر ہمیشہ خُداوند کا قہر ہے۔
5اور تُمہاری آنکھیں دیکھیں گی اور تُم کہو گے کہ خُداوند کی تمجِید اِسرائیل کی حدُود سے آگے تک ہو۔
خُداوند کاہِنوں کی سَرزنش کرتا ہے
6ربُّ الافواج تُم کو فرماتا ہے اَے میرے نام کی تحقِیر کرنے والے کاہِنو! بیٹا اپنے باپ کی اور نَوکر اپنے آقا کی تعظِیم کرتا ہے۔ پس اگر مَیں باپ ہُوں تو میری عِزّت کہاں ہے؟ اور اگر آقا ہُوں تو میرا خَوف کہاں ہے؟ پر تُم کہتے ہو ہم نے کِس بات میں تیرے نام کی تحقِیر کی؟ 7تُم میرے مذبح پر ناپاک روٹی گُذرانتے ہو اور کہتے ہو کہ ہم نے کِس بات میں تیری تَوہِین کی؟ اِسی میں جو کہتے ہو خُداوند کی میز حقِیر ہے۔ 8جب تُم اندھے کی قُربانی کرتے ہو تو کُچھ بُرائی نہیں! اور جب لنگڑے اور بِیمار کو گُذرانتے ہو تو کُچھ نُقصان نہیں! اب یِہی اپنے حاکِم کی نذر کر۔ کیا وہ تُجھ سے خُوش ہو گا اور تُو اُس کا منظُورِ نظر ہو گا؟ ربُّ الافواج فرماتا ہے۔
9اب ذرا خُدا کو مناؤ تاکہ وہ ہم پر رحم فرمائے۔ تُمہارے ہی ہاتھوں نے یہ گُذرانا ہے۔ کیا تُم اُس کے منظُورِ نظر ہو گے؟ ربُّ الافواج فرماتا ہے۔ 10کاش کہ تُم میں کوئی اَیسا ہوتا جو دروازے بند کرتا اور تُم میرے مذبح پر عبث آگ نہ جلاتے! ربُّ الافواج فرماتا ہے مَیں تُم سے خُوش نہیں ہُوں اور تُمہارے ہاتھ کا ہدیہ ہرگِز قبُول نہ کرُوں گا۔ 11کیونکہ آفتاب کے طلُوع سے غرُوب تک قَوموں میں میرے نام کی تمجِید ہو گی اور ہر جگہ میرے نام پر بخُور جلائیں گے اور پاک ہدئے گُذرانیں گے کیونکہ قَوموں میں میرے نام کی تمجِید ہو گی ربُّ الافواج فرماتا ہے۔ 12لیکن تُم اِس بات میں اُس کی تَوہِین کرتے ہو کہ تُم کہتے ہو خُداوند کی میز پر کیا ہے! اُس پر کے ہدئے بے حقِیقت ہیں۔ 13اور تُم نے کہا یہ کَیسی زحمت ہے! اور اُس پر ناک چڑھائی ربُّ الافواج فرماتا ہے۔ پِھر تُم لُوٹ کا مال اور لنگڑے اور بِیمار ذبِیحے لائے اور اِسی طرح کے ہدئے گُذرانے۔ کیا مَیں اِن کو تُمہارے ہاتھ سے قبُول کرُوں؟ خُداوند فرماتا ہے۔ 14لَعنت اُس دغاباز پر جِس کے گلّہ میں نر ہے پر خُداوند کے لِئے عَیب دار جانور کو نذر مان کر گُذرانتا ہے کیونکہ مَیں شاہِ عظِیم ہُوں اور قَوموں میں میرا نام مُہِیب ہے ربُّ الافواج فرماتا ہے۔
1اور اب اَے کاہِنو تُمہارے لِئے یہ حُکم ہے۔ 2ربُّ الافواج فرماتا ہے اگر تُم شِنوا نہ ہو گے اور میرے نام کی تمجِید کو مدِنظر نہ رکھّو گے تو مَیں تُم کو اور تُمہاری نِعمتوں کو ملعُون کرُوں گا بلکہ اِس لِئے کہ تُم نے اُسے مدِنظر نہ رکھّا مَیں ملعُون کر چُکا ہُوں۔ 3دیکھو مَیں تُمہارے بازُو بیکار کر دُوں گا اور تُمہارے مُنہ پر نجاست یعنی تُمہاری قُربانِیوں کی نجاست پھینکُوں گا اور تُم اُسی کے ساتھ پھینک دِئے جاؤ گے۔ 4اور تُم جان لو گے کہ مَیں نے تُم کو یہ حُکم اِس لِئے دِیا ہے کہ میرا عہد لاوؔی کے ساتھ قائِم رہے ربُّ الافواج فرماتا ہے۔
5اُس کے ساتھ میرا عہد زِندگی اور سلامتی کا تھا اور مَیں نے اُسے زِندگی اور سلامتی اِس لِئے بخشی کہ وہ ڈرتا رہے چُنانچہ وہ مُجھ سے ڈرا اور میرے نام سے ترسان رہا۔ 6سچّائی کی شرِیعت اُس کے مُنہ میں تھی اور اُس کے لبوں پر ناراستی نہ پائی گئی۔ وہ میرے حضُور سلامتی اور راستی سے چلتا رہا اور وہ بُہتوں کو بدی کی راہ سے واپس لایا۔ 7کیونکہ لازِم ہے کہ کاہِن کے لب معرفت کو محفُوظ رکھّیں اور لوگ اُس کے مُنہ سے شرعی مسائِل پُوچھیں کیونکہ وہ ربُّ الافواج کا رسُول ہے۔
8پر تُم راہ سے مُنحرِف ہو گئے۔ تُم شرِیعت میں بُہتوں کے لِئے ٹھوکر کا باعِث ہُوئے۔ تُم نے لاوی کے عہد کو خراب کِیا ربُّ الافواج فرماتا ہے۔ 9پس مَیں نے تُم کو سب لوگوں کی نظر میں ذلِیل اور حقِیر کِیا کیونکہ تُم میری راہوں پر قائِم نہ رہے بلکہ تُم نے شرعی مُعاملات میں رُوداری کی۔
خُدا سے لوگوں کی بے وفائی
10کیا ہم سب کا ایک ہی باپ نہیں؟ کیا ایک ہی خُدا نے ہم سب کو پَیدا نہیں کِیا؟ پِھر کیوں ہم اپنے بھائِیوں سے بیوفائی کر کے اپنے باپ دادا کے عہد کی بے حُرمتی کرتے ہیں؟ 11یہُوداؔہ نے بیوفائی کی۔ اِسرائیل اور یروشلِیم میں مکرُوہ کام ہُؤا ہے۔ یہُوداؔہ نے خُداوند کی قدّوُسِیت کو جو اُس کو عزِیز تھی بے حُرمت کِیا اور ایک غَیر معبُود کی بیٹی بیاہ لایا۔ 12خُداوند اَیسا کرنے والے سے زِندہ اور جواب دہِندہ اور ربُّ الافواج کے حضُور قُربانی گُذراننے والے یعقُوب کے خَیموں سے مُنقطع کر دے گا۔
13پِھر تُمہارے اعمال کے سبب سے خُداوند کے مذبح پر آہ و نالہ اور آنسُوؤں کی اَیسی کثرت ہے کہ وہ نہ تُمہارے ہدیہ کو دیکھے گا اور نہ تُمہارے ہاتھ کی نذر کو خُوشی سے قبُول کرے گا۔ 14تَو بھی تُم کہتے ہو کہ سبب کیا ہے؟ سبب یہ ہے کہ خُداوند تیرے اور تیری جوانی کی بِیوی کے درمِیان گواہ ہے۔ تُو نے اُس سے بیوفائی کی ہے اگرچہ وہ تیری رفِیق اور منکُوحہ بِیوی ہے۔ 15اور کیا اُس نے ایک ہی کو پَیدا نہیں کیا باوُجُودیکہ اُس کے پاس اَور ارواح مَوجُود تھِیں؟ پِھر کیوں ایک ہی کو پَیدا کِیا؟ اِس لِئے کہ خُدا ترس نسل پَیدا ہو۔ پس تُم اپنے نفس سے خبردار رہو اور کوئی اپنی جوانی کی بِیوی سے بیوفائی نہ کرے۔ 16کیونکہ خُداوند اِسرائیل کا خُدا فرماتا ہے مَیں طلاق سے بیزار ہُوں اور اُس سے بھی جو اپنی بِیوی پر ظُلم کرتا ہے ربُّ الافواج فرماتا ہے اِس لِئے تُم اپنے نفس سے خبردار رہو تاکہ بیوفائی نہ کرو۔
عدالت کا دِن قرِیب ہے
17تُم نے اپنی باتوں سے خُداوند کو بیزار کر دِیا تَو بھی تُم کہتے ہو کِس بات میں ہم نے اُسے بیزار کِیا؟ اِسی میں جو کہتے ہو کہ ہر شخص جو بُرائی کرتا ہے خُداوند کی نظر میں نیک ہے اور وہ اُس سے خُوش ہے اور یہ کہ عدل کا خُدا کہاں ہے؟
1دیکھو مَیں اپنے رسُول کو بھیجُوں گا اور وہ میرے آگے راہ درُست کرے گا اور خُداوند جِس کے تُم طالِب ہو ناگہان اپنی ہَیکل میں آ مَوجُود ہو گا۔ ہاں عہد کا رسُول جِس کے تُم آرزُو مند ہو آئے گا ربُّ الافواج فرماتا ہے۔
2پر اُس کے آنے کے دِن کی کِس میں تاب ہے؟ اور جب اُس کا ظہُور ہو گا تو کَون کھڑا رہ سکے گا؟ کیونکہ وہ سُنار کی آگ اور دھوبی کے صابُون کی مانِند ہے۔ 3اور وہ چاندی کو تانے اور پاک صاف کرنے والے کی مانِند بَیٹھے گا اور بنی لاوی کو سونے اور چاندی کی مانِند پاک صاف کرے گا تاکہ وہ راست بازی سے خُداوند کے حضُور ہدئے گُذرانیں۔ 4تب یہُوداؔہ اور یروشلیِم کا ہدیہ خُداوند کو پسند آئے گا جَیسا ایّامِ قدِیم اور گُذشتہ زمانہ میں۔
5اور مَیں عدالت کے لِئے تُمہارے نزدِیک آؤُں گا اور جادُوگروں اور بدکاروں اور جُھوٹی قَسم کھانے والوں کے خِلاف اور اُن کے خِلاف بھی جو مزدُوروں کو مزدُوری نہیں دیتے اور بیواؤں اور یتِیموں پر سِتم کرتے اور مُسافِروں کی حق تلفی کرتے ہیں اور مُجھ سے نہیں ڈرتے مُستعِد گواہ ہُوں گا ربُّ الافواج فرماتا ہے۔
دَہ یکیوں کی ادائیگی
6کیونکہ مَیں خُداوند لاتبدِیل ہُوں اِسی لِئے اَے بنی یعقُوب تُم نیست نہیں ہُوئے۔ 7تُم اپنے باپ دادا کے ایّام سے میرے آئِین سے مُنحرِف رہے اور اُن کو نہیں مانا۔ تُم میری طرف رجُوع ہو تو مَیں تُمہاری طرف رجُوع ہُوں گا ربُّ الافواج فرماتا ہے لیکن تُم کہتے ہو کہ ہم کِس بات میں رجُوع ہوں؟ 8کیا کوئی آدمی خُدا کو ٹھگے گا؟ پر تُم مُجھ کو ٹھگتے ہو اور کہتے ہو ہم نے کِس بات میں تُجھے ٹھگا؟ دَہ یکی اور ہدیہ میں۔ 9پس تُم سخت ملعُون ہُوئے کیونکہ تُم نے بلکہ تمام قَوم نے مُجھے ٹھگا۔ 10پُوری دَہ یکی ذخِیرہ خانہ میں لاؤ تاکہ میرے گھر میں خُوراک ہو اور اِسی سے میرا اِمتحان کرو ربُّ الافواج فرماتا ہے کہ مَیں تُم پر آسمان کے درِیچوں کو کھول کر برکت برساتا ہُوں کہ نہیں یہاں تک کہ تُمہارے پاس اُس کے لِئے جگہ نہ رہے۔ 11اور مَیں تُمہاری خاطِر ٹِڈّی کو ڈانٹُوں گا اور وہ تُمہاری زمِین کے حاصِل کو برباد نہ کرے گی اور تُمہارے تاکِستانوں کا پَھل کچّا نہ جھڑ جائے گا ربُّ الافواج فرماتا ہے۔ 12اور سب قَومیں تُم کو مُبارک کہیں گی کیونکہ تُم دِلکُشامُملکت ہو گے ربُّ الافواج فرماتا ہے۔
خُدا کا رحم کا وعدہ
13خُداوند فرماتا ہے تُمہاری باتیں میرے خِلاف بُہت سخت ہیں تَو بھی تُم کہتے ہو ہم نے تیری مُخالفت میں کیا کہا؟ 14تُم نے تو کہا خُدا کی عِبادت کرنا عبث ہے۔ ربُّ الافواج کے احکام پر عمل کرنا اور اُس کے حضُور ماتم کرنا لاحاصِل ہے۔ 15اور اب ہم مغرُوروں کو نیک بخت کہتے ہیں۔ شرِیر برومند ہوتے ہیں اور خُدا کو آزمانے پر بھی رہائی پاتے ہیں۔
16تب خُدا ترسوں نے آپس میں گُفتگُو کی اور خُداوند نے مُتوجّہِ ہو کر سُنا اور اُن کے لِئے جو خُداوند سے ڈرتے اور اُس کے نام کو یاد کرتے تھے اُس کے حضُور یادگار کا دفتر لِکھا گیا۔ 17ربُّ الافواج فرماتا ہے اُس روز وہ میرے لوگ بلکہ میری خاص مِلکِیّت ہوں گے اور مَیں اُن پر اَیسا رحِیم ہُوں گا جَیسا باپ اپنے خِدمت گُذار بیٹے پر ہوتا ہے۔ 18تب تُم رجُوع لاؤ گے اور صادِق اور شرِیر میں اور خُدا کی عِبادت کرنے والے اور نہ کرنے والے میں اِمتِیاز کرو گے۔
خُداوند کا دِن آنے کو ہے
1کیونکہ دیکھو وہ دِن آتا ہے جو بھٹّی کی مانِند سوزان ہو گا۔ تب سب مغرُور اور بدکردار بُھوسے کی مانِند ہوں گے اور وہ دِن اُن کو اَیسا جلائے گا کہ شاخ و بُن کُچھ نہ چھوڑے گا ربُّ الافواج فرماتا ہے۔ 2لیکن تُم پر جو میرے نام کی تعظِیم کرتے ہو آفتابِ صداقت طالع ہو گا اور اُس کی کِرنوں میں شِفا ہو گی اور تُم گاوخانہ کے بچھڑوں کی طرح کُودو پھاندو گے۔ 3اور تُم شرِیروں کو پایمال کرو گے کیونکہ اُس روز وہ تُمہارے پاؤں تلے کی راکھ ہوں گے ربُّ الافواج فرماتا ہے۔
4تُم میرے بندہ مُوسیٰ کی شرِیعت یعنی اُن فرائِض و احکام کو جو مَیں نے حورؔب پر تمام بنی اِسرائیل کے لِئے فرمائے یاد رکھّو۔
5دیکھو خُداوند کے بزُرگ اور ہَولناک دِن کے آنے سے پیشتر مَیں ایلیّاہؔ نبی کو تُمہارے پاس بھیجُوں گا۔ 6اور وہ باپ کا دِل بیٹے کی طرف اور بیٹے کا باپ کی طرف مائِل کرے گا۔ مبادا مَیں آؤُں اور زمِین کو ملعُون کرُوں۔