Calvary Pentecostal Theological Seminary Pakistan

Urdu Bible

Home Churches Seminary The Bible Books Prayer Request About Us Contact Us

عبدیاہ


خُداوند ادُوم کو سزا دے گا
1عبدؔیاہ کی رویا:-
ہم نے خُداوند سے خبر سُنی
اور قَوموں کے درمِیان ایلچی یہ پَیغام لے گیا
کہ چلو اُس پر حملہ کریں۔ خُداوند خُدا ادُوؔم کی
بابت یُوں فرماتا ہے۔
2کہ دیکھ مَیں نے تُجھے قَوموں کے درمِیان حقِیر
کر دِیا ہے۔
تُو نِہایت ذلِیل ہے۔
3اَے چٹانوں کے شِگافوں میں رہنے والے
تیرے دِل کے گھمنڈ نے تُجھے دھوکا دِیا ہے۔
تیرا مکان بُلند ہے
اور تُو دِل میں کہتا ہے کَون مُجھے نِیچے اُتارے گا؟
4خُداوند فرماتا ہے اگرچہ تُو عُقاب کی مانِند بُلند پرواز ہو
اور سِتاروں میں اپنا آشیانہ بنائے
تَو بھی مَیں تُجھے وہاں سے نِیچے اُتارُوں گا۔
5اگر تیرے گھر میں چور آئیں یا رات کو ڈاکُو آ گُھسیں
(تیری کَیسی بربادی ہے!)
تو کیا وہ حسبِ خواہِش ہی نہ لیں گے؟
اگر انگُور توڑنے والے تیرے پاس آئیں
تو کیا کُچھ دانے باقی نہ چھوڑیں گے؟
6عیسَو کا مال کَیسا ڈُھونڈ نِکالا گیا اور اُس کے پوشِیدہ
خزانوں کی کَیسی تلاش ہُوئی!
7تیرے سب حِمایتیوں نے تُجھے سرحد تک ہانک دِیا ہے
اور اُن لوگوں نے جو تُجھ سے میل رکھتے تھے
تُجھے فریب دِیا اور مغلُوب کِیا
اور اُنہوں نے جو تیری روٹی کھاتے تھے تیرے
نِیچے جال بِچھایا۔
اُس میں ذرّہ دانائی نہیں۔
8خُداوند فرماتا ہے کیا مَیں اُس روز ادُوؔم سے داناؤں کو
اور عقل مندی کو کوہِستانِ عیسَو سے نابُود نہ کرُوں گا؟
9اَے تِیماؔن تیرے بہادُر گھبرا جائیں گے
یہاں تک کہ کوہِستانِ عیسَو کے باشِندوں میں
سے ہر ایک کاٹ ڈالا جائے گا۔
ادُوم کی سزا کی وجُوہات
10اُس قتل کے باعِث اور اُس ظُلم کے سبب سے جو تُو
نے اپنے بھائی یعقُوبؔ پر کِیا ہے
تُو خجالت سے مُلبّس اور ہمیشہ کے لِئے نیست ہو گا۔
11جِس روز تُو اُس کے مُخالِفوں کے ساتھ کھڑا تھا۔
جِس روز اجنبی اُس کے لشکر کو اسِیر کر کے لے گئے
اور بیگانوں نے اُس کے پھاٹکوں سے داخِل ہو
کر یروشلیِم پر قُرعہ ڈالا
تُو بھی اُن کے ساتھ تھا۔
12تُجھے لازِم نہ تھا کہ تُو اُس روز اپنے بھائی کی جلاوطنی
کو کھڑا دیکھتا رہتا
اور بنی یہُوداؔہ کی ہلاکت کے روز شادمان ہوتا
اور مُصِیبت کے روز
لاف زنی کرتا۔
13تُجھے مُناسب نہ تھا کہ تُو میرے لوگوں کی مُصِیبت
کے روز
اُن کے پھاٹکوں میں گُھستا
اور اُن کی مُصِیبت کے روز اُن کی بد حالی کو کھڑا
دیکھتا رہتا
اور اُن کے لشکر پر ہاتھ بڑھاتا۔
14تُجھے لازِم نہ تھا کہ گھاٹی میں کھڑا ہو کر
اُس کے فراریوں کو قتل کرتا
اور اُس دُکھ کے دِن میں
اُس کے باقی ماندہ لوگوں کو حوالہ کرتا۔
خُداوند قَوموں کی عدالت کرے گا
15کیونکہ سب قَوموں پر خُداوند کا دِن آ پُہنچا ہے۔
جَیسا تُو نے کِیا ہے وَیسا ہی تُجھ سے کِیا جائے گا۔
تیرا کِیا تیرے سر پر آئے گا۔
16کیونکہ جِس طرح تُم نے میرے کوہِ مُقدّس پر پِیا
اُسی طرح سب قَومیں پِیا کریں گی
ہاں پِیتی اور نِگلتی رہیں گی
اور وہ اَیسی ہوں گی گویا کبھی تِھیں ہی نہیں۔
اِسرائیلؔ کی فتح
17لیکن جو بچ نِکلیں گے کوہِ صِیُّون پر رہیں گے
اور وہ مُقدّس ہو گا
اور یعقُوبؔ کا گھرانا
اپنی مِیراث پر قابِض ہو گا۔
18تب یعقُوبؔ کا گھرانا آگ ہو گا اور یُوسفؔ کا
گھرانا شُعلہ
اور عیسَو کا گھرانا پُھوس
اور وہ اُس میں بھڑکیں گے اور اُس کو کھا
جائیں گے
اور عیسَو کے گھرانے میں سے کوئی نہ بچے گا
کیونکہ یہ خُداوند کا فرمان ہے۔
19اور جنُوب کے رہنے والے کوہِستانِ عیسَو
اور مَیدان کے باشِندے فلِستِین کے مالِک
ہوں گے
اور وہ اِفرائِیم اور سامرؔیہ کے کھیتوں پر قابِض
ہوں گے
اور بِنیمِین جِلعاد کا وارِث ہو گا۔
20اور بنی اِسرائیل کے لشکر کے سب اسِیر
جو کنعانیوں میں صارؔپت تک ہیں
اور یروشلیِم کے اسِیر جو سِفاراد میں ہیں
جنُوب کے شہروں پر قابِض ہو جائیں گے۔
21اور رہائی دینے والے کوہِ صِیُّون پر چڑھیں گے
تاکہ کوہِستانِ عیسَو کی عدالت کریں
اور سلطنت خُداوند کی ہو گی۔