Calvary Pentecostal Theological Seminary Pakistan

Urdu Bible

Home Churches Seminary The Bible Books Prayer Request About Us Contact Us

فِلِپّیوں


تمہید
1مسِیح یِسُوع کے بندوں پَولُس اور تِیمُتِھیُس کی طرف سے فِلِپّی کے سب مُقدّسوں کے نام جو مسِیح یِسُوعؔ میں ہیں نِگہبانوں اور خادِموں سمیت۔
2ہمارے باپ خُدا اور خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کی طرف سے تُمہیں فضل اور اِطمِینان حاصِل ہوتا رہے۔
پَولُس کی دُعا
3مَیں جب کبھی تُمہیں یاد کرتا ہُوں تو اپنے خُدا کا شُکر بجا لاتا ہُوں۔ 4اور ہر ایک دُعا میں جو تُمہارے لِئے کرتا ہُوں ہمیشہ خُوشی کے ساتھ تُم سب کے لِئے درخواست کرتا ہُوں۔ 5اِس لِئے کہ تُم اوّل روز سے لے کر آج تک خُوشخبری کے پَھیلانے میں شرِیک رہے ہو۔ 6اور مُجھے اِس بات کا بھروسا ہے کہ جِس نے تُم میں نیک کام شرُوع کِیا ہے وہ اُسے یِسُوع مسِیح کے دِن تک پُورا کر دے گا۔ 7چُنانچہ واجِب ہے کہ مَیں تُم سب کی بابت اَیسا ہی خیال کرُوں کیونکہ تُم میرے دِل میں رہتے ہو اور میری قَید اور خُوشخبری کی جواب دِہی اور ثبُوت میں تُم سب میرے ساتھ فضل میں شرِیک ہو۔ 8خُدا میرا گواہ ہے کہ مَیں مسِیح یِسُوعؔ کی سی اُلفت کر کے تُم سب کا مُشتاق ہُوں۔
9اور یہ دُعا کرتا ہُوں کہ تُمہاری مُحبّت عِلم اور ہر طرح کی تمِیز کے ساتھ اَور بھی زِیادہ ہوتی جائے۔ 10تاکہ عُمدہ عُمدہ باتوں کو پسند کر سکو اور مسِیح کے دِن تک صاف دِل رہو اور ٹھوکر نہ کھاؤ۔ 11اور راست بازی کے پَھل سے جو یِسُوعؔ مسِیح کے سبب سے ہے بھرے رہو تاکہ خُدا کا جلال ظاہِر ہو اور اُس کی سِتایش کی جائے۔
مسِیح میں زِندگی گُزارنا
12اور اَے بھائِیو! مَیں چاہتا ہُوں تُم جان لو کہ جو مُجھ پر گُذرا وہ خُوشخبری کی ترقّی ہی کا باعِث ہُؤا۔ 13یہاں تک کہ قَیصری سِپاہیوں کی ساری پلٹن اور باقی سب لوگوں میں مشہُور ہو گیا کہ مَیں مسِیح کے واسطے قَید ہُوں۔ 14اور جو خُداوند میں بھائی ہیں اُن میں سے اکثر میرے قَید ہونے کے سبب سے دِلیر ہو کر بے خَوف خُدا کا کلام سُنانے کی زِیادہ جُرأت کرتے ہیں۔
15بعض تو حَسد اور جھگڑے کی وجہ سے مسِیح کی مُنادی کرتے ہیں اور بعض نیک نِیّتی سے۔ 16ایک تو مُحبّت کی وجہ سے یہ جان کر مسِیح کی مُنادی کرتے ہیں کہ مَیں خُوشخبری کی جواب دِہی کے واسطے مُقرّر ہُوں۔ 17مگر دُوسرے تفرِقہ کی وجہ سے نہ کہ صاف دِلی سے بلکہ اِس خیال سے کہ میری قَید میں میرے لِئے مُصِیبت پَیدا کریں۔
18پس کیا ہُؤا؟ صِرف یہ کہ ہر طرح سے مسِیح کی مُنادی ہوتی ہے خَواہ بہانے سے ہو خَواہ سچّائی سے اور اِس سے مَیں خُوش ہُوں اور رہُوں گا بھی۔ 19کیونکہ مَیں جانتا ہُوں کہ تُمہاری دُعا اور یِسُوع مسِیح کے رُوح کے اِنعام سے اِس کا انجام میری نجات ہو گا۔ 20چُنانچہ میری دِلی آرزُو اور اُمّید یِہی ہے کہ مَیں کِسی بات میں شرمِندہ نہ ہُوں بلکہ میری کمال دِلیری کے باعِث جِس طرح مسِیح کی تعظِیم میرے بدن کے سبب سے ہمیشہ ہوتی رہی ہے اُسی طرح اَب بھی ہو گی خَواہ مَیں زِندہ رہُوں خَواہ مرُوں۔ 21کیونکہ زِندہ رہنا میرے لِئے مسِیح ہے اور مَرنا نفع۔ 22لیکن اگر میرا جِسم میں زِندہ رہنا ہی میرے کام کے لِئے مُفِید ہے تو مَیں نہیں جانتا کہ کِسے پسند کرُوں۔ 23مَیں دونوں طرف پھنسا ہُؤا ہُوں۔ میرا جی تو یہ چاہتا ہے کہ کُوچ کر کے مسِیح کے پاس جا رہُوں کیونکہ یہ بُہت ہی بِہتر ہے۔ 24مگر جِسم میں رہنا تُمہاری خاطِر زِیادہ ضرُوری ہے۔ 25اور چُونکہ مُجھے اِس کا یقِین ہے اِس لِئے مَیں جانتا ہُوں کہ زِندہ رہُوں گا بلکہ تُم سب کے ساتھ رہُوں گا تاکہ تُم اِیمان میں ترقّی کرو اور اُس میں خُوش رہو۔ 26اور جو تُمہیں مُجھ پر فخر ہے وہ میرے پِھر تُمہارے پاس آنے سے مسِیح یِسُوعؔ میں زیادہ ہو جائے۔
27صِرف یہ کرو کہ تُمہارا چال چلن مسِیح کی خُوشخبری کے مُوافِق رہے تاکہ خَواہ مَیں آؤُں اور تُمہیں دیکھُوں خَواہ نہ آؤُں تُمہارا حال سنُوں کہ تُم ایک رُوح میں قائِم ہو اور اِنجِیل کے اِیمان کے لِئے ایک جان ہو کر جانفشانی کرتے ہو۔ 28اور کِسی بات میں مُخالِفوں سے دہشت نہیں کھاتے۔ یہ اُن کے لِئے ہلاکت کا صاف نِشان ہے لیکن تُمہاری نجات کا اور یہ خُدا کی طرف سے ہے۔ 29کیونکہ مسِیح کی خاطِر تُم پر یہ فضل ہُؤا کہ نہ فَقط اُس پر اِیمان لاؤ بلکہ اُس کی خاطِر دُکھ بھی سہو۔ 30اور تُم اُسی طرح جانفشانی کرتے ہو جِس طرح مُجھے کرتے دیکھا تھا اور اب بھی سُنتے ہو کہ مَیں وَیسی ہی کرتا ہُوں۔
مسِیح کی حلِیمی اور عظمت
1پس اگر کُچھ تسلّی مسِیح میں اور مُحبّت کی دِل جمعی اور رُوح کی شِراکت اور رَحم دِلی و دَردمَندی ہے۔ 2تو میری یہ خُوشی پُوری کرو کہ یک دِل رہو۔ یکساں مُحبّت رکھّو۔ ایک جان ہو۔ ایک ہی خیال رکھّو۔ 3تفرِقے اور بے جا فخر کے باعِث کُچھ نہ کرو بلکہ فروتنی سے ایک دُوسرے کو اپنے سے بِہتر سمجھے۔ 4ہر ایک اپنے ہی اَحوال پر نہیں بلکہ ہر ایک دُوسروں کے اَحوال پر بھی نظر رکھّے۔ 5وَیسا ہی مِزاج رکھّو جَیسا مسِیح یِسُوعؔ کا بھی تھا۔
6اُس نے اگرچہ خُدا کی صُورت پر تھا
خُدا کے برابر ہونے کو
قبضہ میں رکھنے کی چِیز نہ سمجھا۔
7بلکہ اپنے آپ کو خالی کر دِیا
اور خادِم کی صُورت اِختیار کی
اور اِنسانوں کے مُشابِہ ہو گیا۔
8اور اِنسانی شکل میں ظاہِر ہو کر اپنے آپ کو پَست کر دِیا
اور یہاں تک فرمانبردار رہا کہ مَوت
بلکہ صلِیبی مَوت گوارا کی۔
9اِسی واسطے خُدا نے بھی اُسے بُہت سر بُلند کِیا
اور اُسے وہ نام بخشا جو سب ناموں سے اعلیٰ ہے۔
10تاکہ یِسُوعؔ کے نام پر ہر ایک گُھٹنا جُھکے۔
خَواہ آسمانِیوں کا ہو خَواہ زمِینِیوں کا۔
خَواہ اُن کا جو زمِین کے نِیچے ہیں۔
11اور خُدا باپ کے جلال کے لِئے
ہر ایک زُبان اِقرار کرے کہ یِسُوع مسِیح خُداوند ہے۔
دُنیا میں نُور کی طرح چمکنا
12پس اَے میرے عزِیزو! جِس طرح تُم ہمیشہ سے فرمانبرداری کرتے آئے ہو اُسی طرح اب بھی نہ صِرف میری حاضِری میں بلکہ اِس سے بُہت زیادہ میری غَیر حاضِری میں ڈرتے اور کانپتے ہُوئے اپنی نجات کا کام کِئے جاؤ۔ 13کیونکہ جو تُم میں نِیّت اور عمل دونوں کو اپنے نیک اِرادہ کو انجام دینے کے لِئے پَیدا کرتا ہے وہ خُدا ہے۔
14سب کام شِکایت اور تکرار بغَیر کِیا کرو۔ 15تاکہ تُم بے عَیب اور بھولے ہو کر ٹیڑھے اور کجرَو لوگوں میں خُدا کے بے نُقص فرزند بنے رہو (جِن کے درمِیان تُم دُنیا میں چَراغوں کی طرح دِکھائی دیتے ہو۔ 16اور زِندگی کا کلام پیش کرتے ہو) تاکہ مسِیح کے دِن مُجھے فخر ہو کہ نہ میری دَوڑ دُھوپ بے فائِدہ ہُوئی نہ میری مِحنت اَکارت گئی۔
17اور اگر مُجھے تُمہارے اِیمان کی قُربانی اور خِدمت کے ساتھ اپنا خُون بھی بہانا پڑے تَو بھی خُوش ہُوں اور تُم سب کے ساتھ خُوشی کرتا ہُوں۔ 18تُم بھی اِسی طرح خُوش ہو اور میرے ساتھ خُوشی کرو۔
تِیمُتھِیُس اور اپفردِؔتس
19مُجھے خُداوند یِسُوعؔ میں اُمّید ہے کہ تِیمُتِھیُس کو تُمہارے پاس جلد بھیجُوں گا تاکہ تُمہارا اَحوال دریافت کر کے میری بھی خاطِر جمع ہو۔ 20کیونکہ کوئی اَیسا ہم خیال میرے پاس نہیں جو صاف دِلی سے تُمہارے لِئے فِکرمند ہو۔ 21سب اپنی اپنی باتوں کی فِکر میں ہیں نہ کہ یِسُوعؔ مسِیح کی۔ 22لیکن تُم اُس کی پُختگی سے واقِف ہو کہ جَیسے بیٹا باپ کی خِدمت کرتا ہے وَیسے ہی اُس نے میرے ساتھ خُوشخبری پَھیلانے میں خِدمت کی۔ 23پس مَیں اُمّید کرتا ہُوں کہ جب اپنے حال کا انجام معلُوم کر لُوں گا تو اُسے فوراً بھیج دُوں گا۔ 24اور مُجھے خُداوند پر بھروسا ہے کہ مَیں آپ بھی جلد آؤُں گا۔
25لیکن مَیں نے اِپفُردِتُس کو تُمہارے پاس بھیجنا ضرُور سمجھا۔ وہ میرا بھائی اور ہم خِدمت اور ہم سِپاہ اور تُمہارا قاصِد اور میری حاجت رفع کرنے کے لِئے خادِم ہے۔ 26کیونکہ وہ تُم سب کا بُہت مُشتاق تھا اور اِس واسطے بے قرار رہتا تھا کہ تُم نے اُس کی بِیماری کا حال سُنا تھا۔ 27بے شک وہ بِیماری سے مَرنے کو تھا مگر خُدا نے اُس پر رحم کِیا اور فقط اُس ہی پر نہیں بلکہ مُجھ پر بھی تاکہ مُجھے غم پر غم نہ ہو۔ 28اِس لِئے مُجھے اُس کے بھیجنے کا اَور بھی زِیادہ خیال ہُؤا کہ تُم بھی اُس کی مُلاقات سے پِھر خُوش ہو جاؤ اور میرا بھی غم گھٹ جائے۔ 29پس تُم اُس سے خُداوند میں کمال خُوشی کے ساتھ مِلنا اور اَیسے شخصوں کی عِزّت کِیا کرو۔ 30اِس لِئے کہ وہ مسِیح کے کام کی خاطِر مَرنے کے قرِیب ہو گیا تھا اور اُس نے جان لگا دی تاکہ جو کمی تُمہاری طرف سے میری خِدمت میں ہُوئی اُسے پُورا کرے۔
حقیِقی راست بازی
1غرض میرے بھائِیو! خُداوند میں خُوش رہو۔ تُمہیں ایک ہی بات بار بار لِکھنے میں مُجھے تو کُچھ دِقّت نہیں اور تُمہاری اِس میں حِفاظت ہے۔ 2کُتّوں سے خبردار رہو۔ بدکاروں سے خبردار رہو۔ کٹوانے والوں سے خبردار رہو۔ 3کیونکہ مختُون تو ہم ہیں جو خُدا کے رُوح کی ہدایت سے عِبادت کرتے ہیں اور مسِیح یِسُوعؔ پر فخر کرتے ہیں اور جِسم کا بھروسا نہیں کرتے۔ 4گو مَیں تو جِسم کا بھی بھروسا کر سکتا ہُوں اگر کِسی اَور کو جِسم پر بھروسا کرنے کا خیال ہو تو مَیں اُس سے بھی زیادہ کر سکتا ہُوں۔ 5آٹھویں دِن میرا خَتنہ ہُؤا۔ اِسرائیل کی قَوم اور بِنیمِینؔ کے قبِیلہ کا ہُوں۔ عِبرانِیوں کا عِبرانی۔ شرِیعت کے اِعتبار سے فرِیسی ہُوں۔ 6جوش کے اِعتبار سے کلِیسیا کا ستانے والا۔ شرِیعت کی راست بازی کے اِعتبار سے بے عَیب تھا۔ 7لیکن جِتنی چِیزیں میرے نفع کی تِھیں اُن ہی کو مَیں نے مسِیح کی خاطِر نُقصان سمجھ لِیا ہے۔ 8بلکہ مَیں اپنے خُداوند مسِیح یِسُوعؔ کی پہچان کی بڑی خُوبی کے سبب سے سب چِیزوں کو نُقصان سمجھتا ہُوں۔ جِس کی خاطِر مَیں نے سب چِیزوں کا نُقصان اُٹھایا اور اُن کو کُوڑا سمجھتا ہُوں تاکہ مسِیح کو حاصِل کرُوں۔ 9اور اُس میں پایا جاؤُں۔ نہ اپنی اُس راست بازی کے ساتھ جو شرِیعت کی طرف سے ہے بلکہ اُس راست بازی کے ساتھ جو مسِیح پر اِیمان لانے کے سبب سے ہے اور خُدا کی طرف سے اِیمان پر مِلتی ہے۔ 10اور مَیں اُس کو اور اُس کے جی اُٹھنے کی قُدرت کو اور اُس کے ساتھ دُکھوں میں شرِیک ہونے کو معلُوم کرُوں اور اُس کی مَوت سے مُشابہت پَیدا کرُوں۔ 11تاکہ کِسی طرح مُردوں میں سے جی اُٹھنے کے دَرجہ تک پہنچُوں۔
نِشان کی طرف دَوڑنا
12یہ غرض نہیں کہ مَیں پا چُکا یا کامِل ہو چُکا ہُوں بلکہ اُس چِیز کے پکڑنے کے لِئے دَوڑا ہُؤا جاتا ہُوں جِس کے لِئے مسِیح یِسُوع نے مُجھے پکڑا تھا۔ 13اَے بھائِیو! میرا یہ گُمان نہیں کہ پکڑ چُکا ہُوں بلکہ صِرف یہ کرتا ہُوں کہ جو چِیزیں پِیچھے رہ گئِیں اُن کو بُھول کر آگے کی چِیزوں کی طرف بڑھا ہُؤا۔ 14نِشان کی طرف دَوڑا ہُؤا جاتا ہُوں تاکہ اُس اِنعام کو حاصِل کرُوں جِس کے لِئے خُدا نے مُجھے مسِیح یِسُوعؔ میں اُوپر بُلایا ہے۔
15پس ہم میں سے جِتنے کامِل ہیں یِہی خیال رکھّیں اور اگر کِسی بات میں تُمہارا اَور طرح کا خیال ہو تو خُدا اُس بات کو بھی تُم پر ظاہِر کر دے گا۔ 16بہر حال جہاں تک ہم پُہنچے ہیں اُسی کے مُطابِق چلیں۔
17اَے بھائِیو! تُم سب مِل کر میری مانِند بنو اور اُن لوگوں کو پہچان رکھّو جو اِس طرح چلتے ہیں جِس کا نمُونہ تُم ہم میں پاتے ہو۔ 18کیونکہ بُہتیرے اَیسے ہیں جِن کا ذِکر مَیں نے تُم سے بارہا کِیا ہے اور اب بھی رو رو کر کہتا ہُوں کہ وہ اپنے چال چلن سے مسِیح کی صلِیب کے دُشمن ہیں۔ 19اُن کا انجام ہلاکت ہے۔ اُن کا خُدا پیٹ ہے۔ وہ اپنی شرم کی باتوں پر فخر کرتے ہیں اور دُنیا کی چِیزوں کے خیال میں رہتے ہیں۔ 20مگر ہمارا وطن آسمان پر ہے اور ہم ایک مُنّجی یعنی خُداوند یِسُوعؔ مسِیح کے وہاں سے آنے کے اِنتظار میں ہیں۔ 21وہ اپنی اُس قُوّت کی تاثِیر کے مُوافِق جِس سے سب چِیزیں اپنے تابِع کر سکتا ہے ہماری پَست حالی کے بدن کی شکل بدل کر اپنے جلال کے بدن کی صُورت پر بنائے گا۔
ہدایات
1اِس واسطے اَے میرے پِیارے بھائِیو! جِن کا مَیں مُشتاق ہُوں جو میری خُوشی اور تاج ہو۔ اَے پیارو! خُداوند میں اِسی طرح قائِم رہو۔
2مَیں یُوؤدؔیہ کو بھی نصِیحت کرتا ہُوں اور سُنتخے کو بھی کہ وہ خُداوند میں یک دِل رہیں۔ 3اور اَے سچّے ہم خِدمت! تُجھ سے بھی درخواست کرتا ہُوں کہ تُو اُن عَورتوں کی مدد کر کیونکہ اُنہوں نے میرے ساتھ خُوشخبری پَھیلانے میں کلیمینس اور میرے اُن باقی ہم خِدمتوں سمیت جانفشانی کی جِن کے نام کِتابِ حیات میں درج ہیں۔
4خُداوند میں ہر وقت خُوش رہو۔ پِھر کہتا ہُوں کہ خُوش رہو۔
5تُمہاری نرم مِزاجی سب آدمِیوں پر ظاہِر ہو۔ خُداوند قرِیب ہے۔ 6کِسی بات کی فِکر نہ کرو بلکہ ہر ایک بات میں تُمہاری درخواستیں دُعا اور مِنّت کے وسِیلہ سے شُکرگُذاری کے ساتھ خُدا کے سامنے پیش کی جائیں۔ 7تو خُدا کا اِطمِینان جو سمجھ سے بِالکُل باہر ہے تُمہارے دِلوں اور خیالوں کو مسِیح یِسُوع میں محفُوظ رکھّے گا۔
8غرض اَے بھائِیو! جِتنی باتیں سچ ہیں اور جِتنی باتیں شرافت کی ہیں اور جِتنی باتیں واجِب ہیں اور جِتنی باتیں پاک ہیں اور جِتنی باتیں پسندِیدہ ہیں اور جِتنی باتیں دِلکش ہیں غرض جو نیکی اور تعرِیف کی باتیں ہیں اُن پر غَور کِیا کرو۔ 9جو باتیں تُم نے مُجھ سے سِیکھِیں اور حاصِل کِیں اور سُنِیں اور مُجھ میں دیکِھیں اُن پر عمل کِیا کرو تو خُدا جو اِطمِینان کا چشمہ ہے تُمہارے ساتھ رہے گا۔
امداد کے لِئے شُکریہ
10مَیں خُداوند میں بُہت خُوش ہُوں کہ اب اِتنی مُدّت کے بعد تُمہارا خیال میرے لِئے سرسبز ہُؤا۔ بے شک تُمہیں پہلے بھی اِس کا خیال تھا مگر مَوقع نہ مِلا۔ 11یہ نہیں کہ مَیں مُحتاجی کے لِحاظ سے کہتا ہُوں کیونکہ مَیں نے یہ سِیکھا ہے کہ جِس حالت میں ہُوں اُسی پر راضی رہُوں۔ 12مَیں پَست ہونا بھی جانتا ہُوں اور بڑھنا بھی جانتا ہُوں۔ ہر ایک بات اور سب حالتوں میں مَیں نے سیر ہونا بُھوکا رہنا اور بڑھنا گھٹنا سِیکھا ہے۔ 13جو مُجھے طاقت بخشتا ہے اُس میں مَیں سب کُچھ کر سکتا ہُوں۔
14تَو بھی تُم نے اچّھا کِیا جو میری مُصِیبت میں شرِیک ہُوئے۔ 15اور اَے فِلِپّیو! تُم خُود بھی جانتے ہو کہ خُوشخبری کے شرُوع میں جب مَیں مَکِدُنیہ سے روانہ ہُؤا تو تُمہارے سِوا کِسی کلِیسیا نے لینے دینے کے مُعاملہ میں میری مدد نہ کی۔ 16چُنانچہ تِھسّلُنِیکے میں بھی میری اِحتیاج رَفع کرنے کے لِئے تُم نے ایک دفعہ نہیں بلکہ دو دفعہ کُچھ بھیجا تھا۔ 17یہ نہیں کہ مَیں اِنعام چاہتا ہُوں بلکہ اَیسا پَھل چاہتا ہُوں جو تُمہارے حِساب میں زیادہ ہو جائے۔ 18میرے پاس سب کُچھ ہے بلکہ اِفراط سے ہے۔ تُمہاری بھیجی ہُوئی چِیزیں اِپَفرُدِتُس کے ہاتھ سے لے کر مَیں آسُودہ ہو گیا ہُوں۔ وہ خُوشبُو اور مقبُول قُربانی ہیں جو خُدا کو پسندِیدہ ہے۔ 19میرا خُدا اپنی دَولت کے مُوافِق جلال سے مسِیح یِسُوع میں تُمہاری ہر ایک اِحتیاج رَفع کرے گا۔ 20ہمارے خُدا اور باپ کی ابدُالآباد تمجِید ہوتی رہے۔ آمِین۔
اِختتامیہ اور سلام
21ہر ایک مُقدّس سے جو مسِیح یِسُوع میں ہے سلام کہو۔ جو بھائی میرے ساتھ ہیں تُمہیں سلام کہتے ہیں۔ 22سب مُقدّس خصُوصاً قَیصر کے گھر والے تُمہیں سلام کہتے ہیں۔
23خُداوند یِسُوع مسِیح کا فَضل تُمہاری رُوح کے ساتھ رہے۔