Calvary Pentecostal Theological Seminary Pakistan

Urdu Bible

Home Churches Seminary The Bible Books Prayer Request About Us Contact Us

زبُور


پہلی کِتاب
(زبُور ۱‏—۱۴)
حقیِقی مُبارک حالی
1مُبارک ہے وہ آدمی جو شرِیروں کی صلاح پر نہیں چلتا
اور خطاکاروں کی راہ میں کھڑا نہیں ہوتا
اور ٹھٹّھابازوں کی مجلِس میں نہیں بَیٹھتا
2بلکہ خُداوند کی شرِیعت میں اُس کی خُوشنُودی ہے
اور اُسی کی شرِیعت پر دِن رات اُس کا دِھیان رہتا ہے۔
3وہ اُس درخت کی مانِند ہو گا جو پانی کی ندیوں کے پاس لگایا گیا ہے۔
جو اپنے وقت پر پھلتا ہے
اور جِس کا پتّا بھی نہیں مُرجھاتا۔
سو جو کُچھ وہ کرے باروَر ہو گا۔
4شرِیر اَیسے نہیں
بلکہ وہ بُھوسے کی مانِند ہیں جِسے ہوا اُڑا لے جاتی ہے۔
5اِس لِئے شرِیر عدالت میں قائِم نہ رہیں گے
نہ خطاکار صادِقوں کی جماعت میں۔
6کیونکہ خُداوند صادِقوں کی راہ جانتا ہے
پر شرِیروں کی راہ نابُود ہو جائے گی۔
خُدا کا برگزُیدہ بادشاہ
1قَومیں کِس لِئے طَیش میں ہیں
اور لوگ کیوں باطِل خیال باندھتے ہیں؟
2خُداوند اور اُس کے مسِیح کے خِلاف
زمِین کے بادشاہ صف آرائی کر کے
اور حاکِم آپس میں مشوَرہ کر کے کہتے ہیں
3آؤ ہم اُن کے بندھن توڑ ڈالیں
اور اُن کی رسِّیاں اپنے اُوپر سے اُتار پھینکیں۔
4وہ جو آسمان پر تخت نشِین ہے ہنسے گا۔
خُداوند اُن کا مضحکہ اُڑائے گا۔
5تب وہ اپنے غضب میں اُن سے کلام کرے گا
اور اپنے قہرِ شدِید میں اُن کو پریشان کر دے گا۔
6مَیں تو اپنے بادشاہ کو
اپنے کوہِ مُقدّس صِیُّون پر بِٹھا چُکا ہُوں۔
7مَیں اُس فرمان کو بیان کرُوں گا۔
خُداوند نے مُجھ سے کہا تُو میرا بیٹا ہے۔
آج تُو مُجھ سے پَیدا ہُؤا۔
8مُجھ سے مانگ اور مَیں قَوموں کو تیری مِیراث کے لِئے
اور زمِین کے اِنتِہائی حِصّے تیری مِلکِیّت کے لِئے تُجھے بخشُوں گا۔
9تُو اُن کو لوہے کے عصا سے توڑے گا۔
کُمہار کے برتن کی طرح تُو اُن کو چکنا چُور کر ڈالے گا۔
10پس اب اَے بادشاہو! دانِش مند بنو۔
اَے زمِین کے عدالت کرنے والو تربِیّت پاؤ۔
11ڈرتے ہُوئے خُداوند کی عِبادت کرو۔
کانپتے ہُوئے خُوشی مناؤ۔
12بیٹے کو چُومو۔ اَیسا نہ ہو کہ وہ قہر میں آئے
اور تُم راستہ میں ہلاک ہو جاؤ
کیونکہ اُس کا غضب جلد بھڑکنے کو ہے۔
مُبارک ہیں وہ سب جِن کا توکُّل اُس پر ہے۔
مدد کے لِئے صُبح کی دُعا
داؤُد کا مزمُور جب وہ اپنے بیٹے ابی سلوم کے سامنے سے بھاگا۔
1اَے خُداوند میرے ستانے والے کِتنے بڑھ گئے!
وہ جو میرے خِلاف اُٹھتے ہیں بُہت ہیں۔
2بُہت سے میری جان کے بارے میں کہتے ہیں
کہ خُدا کی طرف سے اُس کی کُمک نہ ہو گی۔ (سِلاہ)
3لیکن تُو اَے خُداوند! ہر طرف میری سِپر ہے۔
میرا فخر اور سرفراز کرنے والا۔
4مَیں بُلند آواز سے خُداوند کے حضُور فریاد کرتا ہُوں
اور وہ اپنے کوہِ مُقدّس پر سے مُجھے جواب دیتا ہے۔ (سِلاہ)
5مَیں لیٹ کر سو گیا۔
مَیں جاگ اُٹھا کیونکہ خُداوند مُجھے سنبھالتا ہے۔
6مَیں اُن دس ہزار آدمِیوں سے نہیں ڈرنے کا
جو گِرداگِرد میرے خِلاف صف بستہ ہیں۔
7اُٹھ اَے خُداوند! اَے میرے خُدا! مُجھے بچا لے!
کیونکہ تُو نے میرے سب دُشمنوں کو جبڑے پر مارا ہے۔
تُو نے شرِیروں کے دانت توڑ ڈالے ہیں۔
8نجات خُداوند کی طرف سے ہے۔
تیرے لوگوں پر تیری برکت ہو! (سِلاہ)
مدد کے لِئے شام کی دُعا
مِیر مُغنّی کے لِئے تاردار سازوں کے ساتھ داؤُد کا مزمُور۔
1جب مَیں پکارُوں تو مُجھے جواب دے۔ اَے میری صداقت کے خُدا!
تنگی میں تُو نے مُجھے کُشادگی بخشی۔ مُجھ پر رحم کر اور میری دُعا سُن لے۔
2اَے بنی آدمؔ! کب تک میری عِزّت کے بدلے رُسوائی ہو گی؟
تُم کب تک بطالت سے مُحبّت رکھّو گے اور جُھوٹ کے درپَے رہو گے؟ (سِلاؔہ)
3جان رکھّو کہ خُداوند نے دِین دار کو اپنے لِئے الگ کر رکھّا ہے۔
جب مَیں خُداوند کو پکارُوں گا تو وہ سُن لے گا۔
4تھرتھراؤ اور گُناہ نہ کرو۔
اپنے اپنے بِستر پر دِل میں سوچو اور خاموش رہو۔ (سِلاہ)
5صداقت کی قُربانِیاں گُذرانو
اور خُداوند پر توکُّل کرو۔
6بُہت سے کہتے ہیں کَون ہم کو کُچھ بھلائی دِکھائے گا؟
اَے خُداوند تُو اپنے چہرہ کا نُور ہم پر جلوہ گر فرما۔
7تُو نے میرے دِل کو اُس سے زِیادہ خُوشی بخشی ہے
جو اُن کو غلّہ اور مَے کی فراوانی سے ہوتی تھی۔
8مَیں سلامتی سے لیٹ جاؤُں گا اور سو رہُوں گا
کیونکہ اَے خُداوند! فقط تُو ہی مُجھے مُطمئن رکھتا ہے۔
مُحافظت کے لِئے دُعا
مِیر مُغنّی کے لِئے بانسلیوں کے ساتھ داؤُد کا مزمُور۔
1اَے خُداوند میری باتوں پر کان لگا!
میری آہوں پر توجُّہ کر!
2اَے میرے بادشاہ! اَے میرے خُدا! میری
فریاد کی آواز کی طرف مُتوجِّہ ہو
کیونکہ مَیں تُجھ ہی سے دُعا کرتا ہُوں۔
3اَے خُداوند! تُو صُبح کو میری آواز سُنے گا۔
مَیں سویرے ہی تُجھ سے دُعا کر کے اِنتظار کرُوں گا
4کیونکہ تُو اَیسا خُدا نہیں جو شرارت سے خُوش ہو۔
بدی تیرے ساتھ نہیں رہ سکتی۔
5گُھمنڈی تیرے حضُور کھڑے نہ ہوں گے۔
تُجھے سب بدکرداروں سے نفرت ہے۔
6تُو اُن کو جو جُھوٹ بولتے ہیں ہلاک کرے گا۔
خُداوند کو خُون خوار اور دغاباز آدمی سے کراہِیت ہے۔
7لیکن مَیں تیری شفقت کی کثرت سے تیرے گھر میں آؤُں گا۔
مَیں تیرا رُعب مان کر تیری مُقدّس ہَیکل کی طرف رُخ کر کے سِجدہ کرُوں گا۔
8اَے خُداوند! میرے دُشمنوں کے سبب سے مُجھے اپنی صداقت میں چلا۔
میرے آگے آگے اپنی راہ کو صاف کر دے
9کیونکہ اُن کے مُنہ میں ذرا سچّائی نہیں۔
اُن کا باطِن محض شرارت ہے۔
اُن کا گلا کُھلی قبر ہے۔
وہ اپنی زُبان سے خُوشامد کرتے ہیں۔
10اَے خُدا! تُو اُن کو مُجرِم ٹھہرا۔
وہ اپنے ہی مشوَروں سے تباہ ہوں۔
اُن کو اُن کے گُناہوں کی کثرت کے سبب سے خارِج کر دے
کیونکہ اُنہوں نے تُجھ سے سرکشی کی ہے۔
11لیکن وہ سب جو تُجھ پر بھروسا رکھتے ہیں شادمان ہوں۔
وہ سدا خُوشی سے للکاریں کیونکہ تُو اُن کی حِمایت کرتا ہے۔
اور جو تیرے نام سے مُحبّت رکھتے ہیں تُجھ میں شاد رہیں
12کیونکہ تُو صادِق کو برکت بخشے گا۔
اَے خُداوند! تُو اُسے کرم سے سِپر کی طرح ڈھانک لے گا۔
مُصیِبت میں مدد کے لِئے فریاد
مِیر مُغنّی کے لِئے تاردار سازوں کے ساتھ شمِینیؔت کے سُر پر داؤُد کا مزمُور۔
1اَے خُداوند! تُو مُجھے اپنے قہر میں نہ جِھڑک
اور اپنے غَیظ و غضب میں مُجھے تنبِیہ نہ دے۔
2اَے خُداوند! مُجھ پر رحم کر کیونکہ مَیں پژمُردہ ہو گیا ہُوں۔
اَے خُداوند مُجھے شِفا دے کیونکہ میری ہڈِّیوں میں بے قراری ہے۔
3میری جان بھی نِہایت بے قرار ہے
اور تُو اَے خُداوند! کب تک؟
4لَوٹ اَے خُداوند! میری جان کو چُھڑا۔
اپنی شفقت کی خاطِر مُجھے بچا لے۔
5کیونکہ مَوت کے بعد تیری یاد نہیں ہوتی
قبر میں کَون تیری شُکرگُذاری کرے گا؟
6مَیں کراہتے کراہتے تھک گیا۔
مَیں اپنا پلنگ آنسُوؤں سے بِھگوتا ہُوں۔
ہر رات میرا بِستر تَیرتا ہے۔
7میری آنکھ غم کے مارے بَیٹھی جاتی ہے
اور میرے سب مُخالِفوں کے سبب سے دُھندلانے لگی۔
8اَے سب بدکردارو! میرے پاس سے دُور ہو
کیونکہ خُداوند نے میرے رونے کی آواز سُن لی ہے۔
9خُداوند نے میری مِنّت سُن لی۔
خُداوند میری دُعا قبُول کرے گا۔
10میرے سب دُشمن شرمِندہ اور نِہایت بے قرار ہوں گے۔
وہ لَوٹ جائیں گے۔ وہ دفعتہ شرمِندہ ہوں گے۔
عَدل و اِنصاف کے لِئے دُعا
داؤُد کا شِگایُون جِسے اُس نے بِنیمنی کُوش کی باتوں کے سبب سے خُداوند کے حضُور گایا۔
1اَے خُداوند میرے خُدا! میرا توکُّل تُجھ پر ہے۔
سب پِیچھا کرنے والوں سے مُجھے بچا اور چُھڑا۔
2اَیسا نہ ہو کہ وہ شیرِ بَبر کی طرح میری جان کو پھاڑے۔
وہ اُسے ٹُکڑے ٹُکڑے کر دے اور کوئی چُھڑانے والا نہ ہو۔
3اَے خُداوند میرے خُدا! اگر مَیں نے یہ کِیا ہو۔
اگر میرے ہاتھوں سے بدی ہُوئی ہو۔
4اگر مَیں نے اپنے میل رکھنے والے سے بھلائی کے بدلے بُرائی کی ہو
(بلکہ مَیں نے تو اُسے جو ناحق میرا مُخالِف تھا بچایا ہے)
5تو دُشمن میری جان کا پِیچھا کر کے اُسے آ پکڑے
بلکہ وہ میری زِندگی کو پامال کر کے مِٹّی میں
اور میری عِزّت کو خاک میں مِلا دے۔ (سِلاہ)
6اَے خُداوند! اپنے قہر میں اُٹھ۔
میرے مُخالِفوں کے غضب کے مُقابلہ میں تُو کھڑا ہو جا
اور میرے لِئے جاگ۔ تُو نے اِنصاف کا حُکم تو دے دِیا ہے۔
7تیرے چَوگِرد قَوموں کا اِجتماع ہو
اور تُو اُن کے اُوپر عالمِ بالا کو لَوٹ جا۔
8خُداوند قَوموں کا اِنصاف کرتا ہے۔
اَے خُداوند! اُس صداقت و راستی کے مُطابِق
جو مُجھ میں ہے میری عدالت کر۔
9کاش کہ شرِیروں کی بدی کا خاتِمہ ہو جائے پر صادِق کو تُو قیام بخش
کیونکہ خُدایِ صادِق دِلوں اور گُردوں کو جانچتا ہے۔
10میری سِپر خُدا کے ہاتھ میں ہے
جو راست دِلوں کو بچاتا ہے۔
11خُدا صادِق مُنصف ہے
بلکہ اَیسا خُدا جو ہر روز قہر کرتا ہے۔
12اگر آدمی باز نہ آئے تُو وہ اپنی تلوار تیز کرے گا۔
اُس نے اپنی کمان پر چِلّہ چڑھا کر اُسے تیّار کر لِیا ہے۔
13اُس نے اُس کے لِئے مَوت کے ہتھیار بھی تیّار کِئے ہیں۔
وہ اپنے تِیروں کو آتِشی بناتا ہے۔
14دیکھو اُسے بدی کا دردِ زِہ لگا ہے!
بلکہ وہ شرارت سے باردار ہُؤا اور اُس سے جُھوٹ پَیدا ہُوا۔
15اُس نے گڑھا کھود کر اُسے گہرا کِیا
اور اُس خندق میں جو اُس نے بنائی تھی خُود گِرا۔
16اُس کی شرارت اُلٹی اُسی کے سر پر آئے گی۔
اُس کا ظُلم اُسی کی کھوپڑی پر نازِل ہو گا۔
17خُداوند کی صداقت کے مُطابِق مَیں اُس کا شُکر کرُوں گا
اور خُداوند تعالیٰ کے نام کی تعرِیف گاؤُں گا۔
خُدا کی تمجِید اور اِنسان کا وقار
مِیر مُغنّی کے لِئے گِتّیت کے سُر پر داؤُد کا مزمُور۔
1اَے خُداوند ہمارے رب!
تیرا نام تمام زمِین پر کَیسا بزُرگ ہے!
تُو نے اپنا جلال آسمان پر قائِم کِیا ہے۔
2تُو نے اپنے مُخالِفوں کے سبب سے
بچّوں اور شِیرخواروں کے مُنہ سے قُدرت کو قائِم کِیا
تاکہ تُو دُشمن اور اِنتقام لینے والے کو خاموش کر دے۔
3جب مَیں تیرے آسمان پر جو تیری دست کاری ہے
اور چاند اور سِتاروں پر جِن کو تُو نے مُقرّر کِیا
غَور کرتا ہُوں
4تو پِھر اِنسان کیا ہے کہ تُو اُسے یاد رکھّے
اور آدمؔ زاد کیا ہے کہ تُو اُس کی خبر لے؟
5کیونکہ تُو نے اُسے خُدا سے کُچھ ہی کمتر بنایا ہے
اور جلال اور شَوکت سے اُسے تاج دار کرتا ہے۔
6تُو نے اُسے اپنی دست کاری پر تسلُّط بخشا ہے۔
تُو نے سب کُچھ اُس کے قدموں کے نِیچے کر دِیا ہے۔
7سب بھیڑ بکرِیاں گائے بَیل
بلکہ سب جنگلی جانُور
8ہوا کے پرِندے اور سمُندر کی مچھلِیاں
اور جو کُچھ سمُندروں کے راستوں میں چلتا پِھرتا ہے۔
9اَے خُداوند ہمارے رب!
تیرا نام تمام زمِین پر کَیسا بزُرگ ہے؟
عَدل و اِنصاف کے لِئے خُدا کی شُکرگُذاری
مِیر مُغنّی کے لِئے موت لبِّین کے سُر پر داؤُد کا مزمُور۔
1مَیں اپنے پُورے دِل سے خُداوند کی شُکرگُذاری کرُوں گا۔
مَیں تیرے سب عجِیب کاموں کا بیان کرُوں گا۔
2مَیں تُجھ میں خُوشی مناؤُں گا اور مسرُور ہُوں گا۔
اَے حق تعالیٰ! مَیں تیری سِتایش کرُوں گا۔
3جب میرے دُشمن پِیچھے ہٹتے ہیں
تو تیری حضُوری کے سبب سے لغزِش کھاتے اور ہلاک ہو جاتے ہیں۔
4کیونکہ تُو نے میرے حق کی اور میرے مُعاملہ کی تائِید کی ہے۔
تُو نے تخت پر بَیٹھ کر صداقت سے اِنصاف کِیا۔
5تُو نے قَوموں کو جِھڑکا۔
تُو نے شرِیروں کو ہلاک کِیا ہے۔
تُو نے اُن کا نام ابدُالآباد کے لِئے مِٹا ڈالا ہے۔
6دُشمن تمام ہُوئے۔ وہ ہمیشہ کے لِئے برباد ہو گئے
اور جِن شہروں کو تُو نے ڈھا دِیا
اُن کی یادگار تک مِٹ گئی۔
7لیکن خُداوند ابد تک تخت نشِین ہے۔
اُس نے اِنصاف کے لِئے اپنا تخت تیّار کِیا ہے
8اور وُہی صداقت سے جہان کی عدالت کرے گا۔
وہ راستی سے قَوموں کا اِنصاف کرے گا۔
9خُداوند مظلُوموں کے لِئے اُونچا بُرج ہو گا۔
مُصِیبت کے ایّام میں اُونچا بُرج
10اور وہ جو تیرا نام جانتے ہیں تُجھ پر توکُّل کریں گے
کیونکہ اَے خُداوند! تُو نے اپنے طالِبوں کو ترک نہیں کِیا ہے۔
11خُداوند کی سِتایش کرو جو صِیُّون میں رہتا ہے۔
لوگوں کے درمِیان اُس کے کاموں کو بیان کرو
12کیونکہ خُون کی پُرسِش کرنے والا اُن کو یاد رکھتا ہے۔
وہ غرِیبوں کی فریاد کو نہیں بُھولتا۔
13اَے خُداوند مُجھ پر رحم کر!
تُو جو مَوت کے پھاٹکوں سے مُجھے اُٹھاتا ہے
میرے اُس دُکھ کو دیکھ
جو میرے نفرت کرنے والوں کی طرف سے ہے۔
14تاکہ مَیں تیری کامِل سِتایش کا اِظہار کرُوں۔
صِیُّون کی بیٹی کے پھاٹکوں پر
مَیں تیری نجات سے شادمان ہُوں گا۔
15قَومیں خُود اُس گڑھے میں گِری ہیں جِسے اُنہوں نے کھودا تھا۔
جو جال اُنہوں نے لگایا تھا اُس میں اُن ہی کا پاؤں پھنسا۔
16خُداوند کی شُہرت پَھیل گئی۔ اُس نے اِنصاف کِیا ہے۔
شرِیر اپنے ہی ہاتھ کے کاموں میں پھنس گیا ہے
(ہگِاّیون سِلاہ)۔
17شرِیر پاتال میں جائیں گے۔
یعنی وہ سب قَومیں جو خُدا کو بُھول جاتی ہیں۔
18کیونکہ مِسکیِن سدا بُھولے بسرے نہ رہیں گے۔
نہ غرِیبوں کی اُمّید ہمیشہ کے لِئے ٹُوٹے گی۔
19اُٹھ اَے خُداوند! اِنسان غالِب نہ ہونے پائے۔
قَوموں کی عدالت تیرے حضُور ہو۔
20اَے خُداوند! اُن کو خَوف دِلا۔
قَومیں اپنے آپ کو بشر ہی جانیں۔ (سِلاہ)
عَدل و اِنصاف کے لِئے دُعا
1اَے خُداوند! تُو کیوں دُور کھڑا رہتا ہے؟
مُصِیبت کے وقت تُو کیوں چِھپ جاتا ہے؟
2شرِیر کے غرُور کے سبب سے غرِیب کا تُندی سے پِیچھا کِیا جاتا ہے۔
جو منصُوبے اُنہوں نے باندھے ہیں وہ اُن ہی میں گرِفتار ہو جائیں۔
3کیونکہ شرِیر اپنی نفسانی خواہِش پر فخر کرتا ہے
اور لالچی خُداوند کو ترک کرتا بلکہ اُس کی اِہانت کرتا ہے۔
4شرِیر اپنے تکبُّر میں کہتا ہے کہ وہ بازپُرس نہیں کرے گا۔
اُس کا خیال سراسر یِہی ہے کہ کوئی خُدا نہیں۔
5اُس کی راہیں ہمیشہ اُستوار ہیں۔
تیرے احکام اُس کی نظر سے بعید و بُلند ہیں۔
وہ اپنے سب مُخالِفوں پر پُھنکارتا ہے۔
6وہ اپنے دِل میں کہتا ہے مَیں جُنبِش نہیں کھانے کا۔
پُشت در پُشت مُجھ پر کبھی مُصِیبت نہ آئے گی۔
7اُس کا مُنہ لَعنت و دغا اور ظُلم سے پُر ہے۔
شرارت اور بدی اُس کی زُبان پر ہیں۔
8وہ دیہات کی کمِین گاہوں میں بَیٹھتا ہے۔
وہ پوشِیدہ مقاموں میں بے گُناہ کو قتل کرتا ہے۔
اُس کی آنکھیں بیکس کی گھات میں لگی رہتی ہیں۔
9وہ پوشِیدہ مقام میں شیرِ بَبر کی طرح دبک کر بَیٹھتا ہے۔
وہ غرِیب کے پکڑنے کو گھات لگائے رہتا ہے۔
وہ غرِیب کو اپنے جال میں پھنسا کر پکڑ لیتا ہے۔
10وہ دبکتا ہے۔ وہ جُھک جاتا ہے
اور بیکس اُس کے پہلوانوں کے ہاتھ سے مارے جاتے ہیں۔
11وہ اپنے دِل میں کہتا ہے خُدا بُھول گیا ہے۔
وہ اپنا مُنہ چِھپاتا ہے۔ وہ ہرگز نہیں دیکھے گا۔
12اُٹھ اَے خُداوند! اَے خُدا اپنا ہاتھ بُلند کر!
غرِیبوں کو نہ بُھول۔
13شرِیر کِس لِئے خُدا کی اِہانت کرتا ہے
اور اپنے دِل میں کہتا ہے کہ تُو بازپرس نہ کرے گا؟
14تُو نے دیکھ لِیا ہے کیونکہ تُو شرارت اور بُغض دیکھتا
ہے تاکہ اپنے ہاتھ سے بدلہ دے۔
بیکس اپنے آپ کو تیرے سپُرد کرتا ہے۔
تُو ہی یتِیم کا مددگار رہا ہے۔
15شرِیر کا بازُو توڑ دے۔
اور بدکار کی شرارت کو جب تک نابُود نہ ہو ڈھُونڈ ڈھُونڈ کر نِکال۔
16خُداوند ابدُالآباد بادشاہ ہے۔
قَومیں اُس کے مُلک میں سے نابُود ہو گئِیں۔
17اَے خُداوند! تُو نے حلِیموں کا مُدّعا سُن لِیا ہے۔
تُو اُن کے دِل کو تیّار کرے گا۔ تُو کان لگا کر سُنے گا
18کہ یتِیم اور مظلُوم کا اِنصاف کرے
تاکہ اِنسان جو خاک سے ہے پِھر نہ ڈرائے۔
خُداوند پر اِعتماد
میر مُغنّی کے لِئے داؤُد کا مزمُور۔
1میرا توکُّل خُداوند پر ہے۔
تُم کیونکر میری جان سے کہتے ہو
کہ چڑیا کی طرح اپنے پہاڑ پر اُڑ جا؟
2کیونکہ دیکھو! شرِیر کمان کھینچتے ہیں۔
وہ تِیر کو چِلّے پر رکھتے ہیں
تاکہ اندھیرے میں راست دِلوں پر چلائیں۔
3اگر بُنیاد ہی اُکھاڑ دی جائے
تو صادِق کیا کر سکتا ہے؟
4خُداوند اپنی مُقدّس ہَیکل میں ہے۔
خُداوند کا تخت آسمان پر ہے۔
اُس کی آنکھیں بنی آدمؔ کو دیکھتی اور اُس کی پلکیں اُن
کو جانچتی ہیں۔
5خُداوند صادِق کو پرکھتا ہے
پر شرِیر اور ظُلم دوست سے اُس کی رُوح کو
نفرت ہے۔
6وہ شرِیروں پر پھندے برسائے گا۔
آگ اور گندھک اور لُو اُن کے پِیالے کا حِصّہ ہو گا۔
7کیونکہ خُداوند صادِق ہے۔ وہ صداقت کو پسند
کرتا ہے۔
راست باز اُس کا دِیدار حاصِل کریں گے۔
مدد کے لِئے اِلتجا
میر مُغنّی کے لِئے شمِینیت کے سُر پر داؤُد کا مزمُور۔
1اَے خُداوند! بچا لے کیونکہ کوئی دِین دار نہیں رہا
اور امانت دار لوگ بنی آدمؔ میں سے مِٹ گئے۔
2وہ اپنے اپنے ہمسایہ سے جُھوٹ بولتے ہیں۔
وہ خُوشامدی لبوں سے دو رنگی باتیں کرتے ہیں۔
3خُداوند سب خُوشامدی لبوں کو
اور بڑے بول بولنے والی زُبان کو کاٹ ڈالے گا۔
4وہ کہتے ہیں ہم اپنی زُبان سے جِیتیں گے۔
ہمارے ہونٹ ہمارے ہی ہیں۔ ہمارا مالِک
کَون ہے؟
5غرِیبوں کی تباہی اور مِسکِینوں کی آہ کے سبب سے
خُداوند فرماتا ہے کہ اب مَیں اُٹھُوں گا
اور جِس پر وہ پُھنکارتے ہیں اُسے امن و امان
میں رکھُّوں گا۔
6خُداوند کا کلام پاک ہے۔
اُس چاندی کی مانِند جو بھٹّی میں مِٹّی پر تائی گئی
اور سات بار صاف کی گئی ہو۔
7تُو ہی اَے خُداوند! اُن کی حِفاظت کرے گا۔
تُو ہی اُن کو اِس پُشت سے ہمیشہ تک بچائے
رکھّے گا۔
8جب بنی آدمؔ میں پاجی پن کی قدر ہوتی ہے
تو شرِیر ہر طرف چلتے پِھرتے ہیں۔
مدد کے لِئے دُعا
مِیر مُغنّی کے لِئے داؤُد کا مزمُور۔
1اَے خُداوند کب تک؟ کیا تُو ہمیشہ مُجھے بُھولا رہے گا؟
تُو کب تک اپنا چہرہ مُجھ سے چِھپائے رکھّے گا؟
2کب تک مَیں جی ہی جی میں منصُوبہ باندھتا رہُوں
اور سارے دِن اپنے دِل میں غَم کِیا کرُوں؟
کب تک میرا دُشمن مُجھ پر سربُلند رہے گا؟
3اَے خُداوند میرے خُدا! میری طرف توجُّہ کر
اور مُجھے جواب دے۔
میری آنکھیں روشن کر۔ اَیسا نہ ہو کہ مُجھے مَوت
کی نِیند آ جائے۔
4اَیسا نہ ہو کہ میرا دُشمن کہے کہ مَیں اِس پر غالِب آ گیا۔
نہ ہو کہ جب مَیں جُنبِش کھاؤُں تو میرے مخالِف
خُوش ہوں۔
5لیکن مَیں نے تُو تیری رحمت پر توکُّل کِیا ہے۔
میرا دِل تیری نجات سے خُوش ہو گا۔
6مَیں خُداوند کا گِیت گاؤُں گا
کیونکہ اُس نے مُجھ پر اِحسان کِیا ہے۔
اِنسان کی بدخَصلتی
مِیر مُغنّی کے لِئے داؤُد کا مزمُور۔
1احمق نے اپنے دِل میں کہا ہے کہ کوئی خُدا نہیں۔
وہ بِگڑ گئے۔ اُنہوں نے نفرت انگیز کام کِئے ہیں۔
کوئی نیکوکار نہیں۔
2خُداوند نے آسمان پر سے بنی آدمؔ پر نِگاہ کی
تاکہ دیکھے کہ کوئی دانِش مند
کوئی خُدا کا طالِب ہے یا نہیں۔
3وہ سب کے سب گُمراہ ہُوئے۔ وہ باہم نجِس
ہو گئے۔
کوئی نیکوکار نہیں۔ ایک بھی نہیں۔
4کیا اُن سب بدکرداروں کو کُچھ عِلم نہیں
جو میرے لوگوں کو اَیسے کھا جاتے ہیں جَیسے روٹی
اور خُداوند کا نام نہیں لیتے؟
5وہاں اُن پر بڑا خَوف چھا گیا
کیونکہ خُدا صادِق پُشت کے ساتھ ہے۔
6تُم غرِیب کی مشوَرت کی ہنسی اُڑاتے ہو۔
اِس لِئے کہ خُداوند اُس کی پناہ ہے
7کاش کہ اِسرائیلؔ کی نجات صِیُّون میں سے ہوتی!
جب خُداوند اپنے لوگوں کو اسِیری سے لَوٹا
لائے گا
تو یعقُوب خُوش اور اِسرائیل شادمان ہو گا۔
خُدا کیا تقاضا کرتا ہے
داؤُد کا مزمُور۔
1اَے خُداوند تیرے خَیمہ میں کَون رہے گا؟
تیرے کوہِ مُقدّس پر کَون سکُونت کرے گا؟
2وہ جو راستی سے چلتا اور صداقت کا کام کرتا
اور دِل سے سچ بولتا ہے۔
3وہ جو اپنی زُبان سے بُہتان نہیں باندھتا
اور اپنے دوست سے بدی نہیں کرتا
اور اپنے ہمسایہ کی بدنامی نہیں سُنتا۔
4وہ جِس کی نظر میں رذِیل آدمی حقِیر ہے
پر جو خُداوند سے ڈرتے ہیں اُن کی عِزّت
کرتا ہے۔
وہ جو قَسم کھا کر بدلتا نہیں خواہ نُقصان ہی اُٹھائے۔
5وہ جو اپنا رُوپیہ سُود پر نہیں دیتا
اور بے گُناہ کے خِلاف رِشوت نہیں لیتا۔
اَیسے کام کرنے والا کبھی جُنبِش نہ کھائے گا۔
اِعتماد کی دُعا
داؤُد کا مِکتام۔
1اَے خُدا! میری حِفاظت کر کیونکہ مَیں تُجھ ہی
میں پناہ لیتا ہُوں۔
2مَیں نے خُداوند سے کہا ہے تُو ہی رب ہے۔
تیرے سِوا میری بھلائی نہیں۔
3زمِین کے مُقدّس لوگ وہ برگُزیدہ ہیں
جِن میں میری پُوری خُوشنُودی ہے۔
4غَیر معبُودوں کے پِیچھے دَوڑنے والوں کا غَم بڑھ
جائے گا۔
مَیں اُن کے سے خُون والے تپاون نہیں تپاؤُں گا
اور اپنے ہونٹوں سے اُن کے نام نہیں لُوں گا۔
5خُداوند ہی میری مِیراث اور میرے پیالے کا
حِصّہ ہے۔
تُو میرے بخرے کا محافِظ ہے۔
6جرِیب میرے لِئے دِل پسند جگہوں میں پڑی
بلکہ میری مِیراث خُوب ہے!
7مَیں خُداوند کی حمد کرُوں گا جِس نے مُجھے نصِیحت
دی ہے
بلکہ میرا دِل رات کو میری تربیت کرتا ہے۔
8مَیں نے خُداوند کو ہمیشہ اپنے سامنے رکھّا ہے۔
چُونکہ وہ میرے دہنے ہاتھ ہے اِس لِئے مُجھے
جُنبِش نہ ہو گی۔
9اِسی سبب سے میرا دِل خُوش اور میری رُوح
شادمان ہے۔
میرا جِسم بھی امن و امان میں رہے گا۔
10کیونکہ تُو نہ میری جان کو پاتال میں رہنے دے گا
نہ اپنے مُقدّس کو سڑنے دے گا۔
11تُو مُجھے زِندگی کی راہ دِکھائے گا۔
تیرے حضُور میں کامِل شادمانی ہے۔
تیرے دہنے ہاتھ میں دائِمی خُوشی ہے۔
ایک بے قصُور آدمی کی دُعا
داؤُد کی دُعا۔
1اَے خُداوند! حق کو سُن۔ میری فریاد پر توجُّہ کر۔
میری دُعا پر جو بے رِیا لبوں سے نِکلتی ہے
کان لگا۔
2میرا فَیصلہ تیرے حضُور سے صادِر ہو۔
تیری آنکھیں راستی کو دیکھیں۔
3تُو نے میرے دِل کو آزما لِیا ہے۔ تُو نے رات کو
میری نِگرانی کی۔
تُو نے مُجھے پرکھّا اور کُچھ کھوٹ نہ پایا۔
مَیں نے ٹھان لِیا ہے کہ میرا مُنہ خطا نہ کرے۔
4اِنسانی کاموں میں تیرے لبوں کے کلام کی مدد سے
مَیں ظالِموں کی راہوں سے باز رہا ہُوں۔
5میرے قدم تیرے راستوں پر قائِم رہے ہیں۔
میرے پاؤں پِھسلے نہیں۔
6اَے خُدا! مَیں نے تُجھ سے دُعا کی ہے کیونکہ تُو مُجھے
جواب دے گا۔
میری طرف کان جُھکا اور میری عرض سُن لے۔
7تُو جو اپنے دہنے ہاتھ سے اپنے توکُّل کرنے
والوں کو
اُن کے مُخالِفوں سے بچاتا ہے اپنی عجِیب
شفقت دِکھا!
8مُجھے آنکھ کی پُتلی کی طرح محفُوظ رکھ۔
مُجھے اپنے پروں کے سایہ میں چِھپا لے۔
9اُن شرِیروں سے جو مُجھ پر ظُلم کرتے ہیں۔
میرے جانی دُشمنوں سے جو مُجھے گھیرے
ہُوئے ہیں۔
10اُنہوں نے اپنے دِلوں کو سخت کِیا ہے۔
وہ اپنے مُنہ سے بڑا بول بولتے ہیں۔
11اُنہوں نے قدم قدم پر ہم کو گھیرا ہے۔
وہ تاک لگائے ہیں کہ ہم کو زمِین پر پٹک دیں۔
12وہ اُس بَبر کی مانِند ہے جو پھاڑنے پر حرِیص ہو۔
وہ گویا جوان بَبر ہے جو پوشِیدہ جگہوں میں دبکا
ہُؤا ہے۔
13اُٹھ اَے خُداوند!
اُس کا سامنا کر۔ اُسے پٹک دے۔
اپنی تلوار سے میری جان کو شرِیر سے بچا لے۔
14اپنے ہاتھ سے اَے خُداوند! مُجھے لوگوں سے بچا۔
یعنی دُنیا کے لوگوں سے جِن کا بخرہ اِسی زِندگی
میں ہے
اور جِن کا پیٹ تُو اپنے ذخِیرہ سے بھرتا ہے۔
اُن کی اَولاد بھی حسبِ مُراد ہے۔
وہ اپنا باقی مال اپنے بچّوں کے لِئے چھوڑ جاتے ہیں
15پر مَیں تو صداقت میں تیرا دِیدار حاصِل کرُوں گا۔
مَیں جب جاگوں گا تو تیری شباہت سے سیر
ہُوں گا۔
داؤُد کا فتح کا گِیت
مِیر مُغنّی کے لِئے خُداوند کے بندہ داؤُد کامزمُور۔ اِس گِیت کے الفاظ اُس نے خُداوند سے اُس روز کہے جب خُداوند نے اُسے اُس کے سب دُشمنوں اور ساؤُؔل کے ہاتھ سے بچایا۔ چُنانچہ اُس نے کہا:۔
1اَے خُداوند! اَے میری قُوّت! مَیں تُجھ سے مُحبّت
رکھتا ہُوں۔
2خُداوند میری چٹان اور میرا قلعہ اور میرا
چُھڑانے والا ہے۔
میرا خُدا۔ میری چٹان جِس پر مَیں بھروسا
رکھُّوں گا۔
میری سِپر اور میری نجات کا سِینگ۔ میرا
اُونچا بُرج۔
3مَیں خُداوند کو جو سِتایش کے لائِق ہے پکارُوں گا۔
یُوں مَیں اپنے دُشمنوں سے بچایا جاؤُں گا۔
4مَوت کی رسِّیوں نے مُجھے گھیر لِیا
اور بے دِینی کے سَیلابوں نے مُجھے ڈرایا۔
5پاتال کی رسِّیاں میرے چَوگِرد تِھیں
مَوت کے پھندے مُجھ پر آ پڑے تھے۔
6اپنی مُصِیبت میں مَیں نے خُداوند کو پُکارا
اور اپنے خُدا سے فریاد کی۔
اُس نے اپنی ہَیکل میں سے میری آواز سُنی
اور میری فریاد جو اُس کے حضُور تھی اُس کے کان
میں پُہنچی۔
7تب زمِین ہِل گئی اور کانپ اُٹھی۔
پہاڑوں کی بُنیادوں نے جُنبِش کھائی
اور ہِل گئِیں اِس لِئے کہ وہ غضب ناک ہُؤا۔
8اُس کے نتھنوں سے دُھؤاں اُٹھا
اور اُس کے مُنہ سے آگ نِکل کر بھسم
کرنے لگی۔
کوئِلے اُس سے دہک اُٹھے۔
9اُس نے آسمانوں کو بھی جُھکا دِیا اور نِیچے اُتر آیا
اور اُس کے پاؤں تلے گہری تارِیکی تھی۔
10وہ کرُّوبی پر سوار ہو کر اُڑا۔
بلکہ وہ تیزی سے ہوا کے بازُوؤں پر اُڑا۔
11اُس نے ظُلمت یعنی ابر کی تارِیکی اور آسمان کے
دلدار بادلوں کو
اپنے چَوگِرد اپنے چِھپنے کی جگہ اور اپنا
شامیانہ بنایا۔
12اُس کی حضُوری کی جھلک سے اُس کے دلدار بادل
پھٹ گئے۔
اَولے اور انگارے۔
13اور خُداوند آسمان میں گرجا۔
حق تعالیٰ نے اپنی آواز سُنائی۔
اَولے اور انگارے۔
14اُس نے اپنے تِیر چلا کر اُن کو پراگندہ کِیا۔
بلکہ تابڑ توڑ بِجلی سے اُن کو شِکست دی۔
15تب تیری ڈانٹ سے اَے خُداوند!
تیرے نتھنوں کے دَم کے جھوکے سے
پانی کی تھاہ دِکھائی دینے لگی
اور جہان کی بُنیادیں نمُودار ہُوئِیں۔
16اُس نے اُوپر سے ہاتھ بڑھا کر مُجھے تھام لِیا
اور مُجھے بُہت پانی میں سے کھینچ کر باہر نِکالا۔
17اُس نے میرے زورآور دُشمن اور میرے عداوت
رکھنے والوں سے
مُجھے چُھڑا لِیا کیونکہ وہ میرے لِئے نہایت
زبردست تھے۔
18وہ میری مُصِیبت کے دِن مُجھ پر آ پڑے
پر خُداوند میرا سہارا تھا۔
19وہ مُجھے کُشادہ جگہ میں نِکال بھی لایا۔
اُس نے مُجھے چُھڑایا۔ اِس لِئے کہ وہ مُجھ سے
خُوش تھا۔
20خُداوند نے میری راستی کے مُوافِق مُجھے جزا دی
اور میرے ہاتھوں کی پاکِیزگی کے مُطابِق مُجھے
بدلہ دِیا۔
21کیونکہ مَیں خُداوند کی راہوں پر چلتا رہا
اور شرارت سے اپنے خُدا سے الگ نہ ہُؤا
22کیونکہ اُس کے سب فَیصلے میرے سامنے رہے
اور مَیں اُس کے آئِین سے برگشتہ نہ ہُؤا۔
23مَیں اُس کے حضُور کامِل بھی رہا
اور اپنے کو اپنی بدکاری سے باز رکھّا۔
24خُداوند نے مُجھے میری راستی کے مُوافِق
اور میرے ہاتھوں کی پاکِیزگی کے مُطابِق جو
اُس کے سامنے تھی بدلہ دِیا۔
25رحم دِل کے ساتھ تُو رحِیم ہو گا
اور کامِل آدمی کے ساتھ کامِل۔
26نیکوکار کے ساتھ نیک ہو گا
اور کج رَو کے ساتھ ٹیڑھا۔
27کیونکہ تُو مُصِیبت زدہ لوگوں کو بچائے گا
لیکن مغرُوروں کی آنکھوں کو نِیچا کرے گا۔
28اِس لِئے کہ تُو میرے چراغ کو رَوشن کرے گا۔
خُداوند میرا خُدا میرے اندھیرے کو اُجالا کر
دے گا۔
29کیونکہ تیری بدَولت مَیں فَوج پر دھاوا کرتا ہُوں
اور اپنے خُدا کی بدَولت دِیوار پھاند جاتا ہُوں۔
30لیکن خُدا کی راہ کامِل ہے۔
خُداوند کا کلام تایا ہُؤا ہے۔
وہ اُن سب کی سِپر ہے جو اُس پر بھروسا
رکھتے ہیں۔
31کیونکہ خُداوند کے سِوا اَور کَون خُدا ہے
اور ہمارے خُدا کو چھوڑ کر اَور کَون چٹان ہے؟
32خُدا ہی مُجھے قُوّت سے کمربستہ کرتا ہے
اور میری راہ کو کامِل کرتا ہے۔
33وُہی میرے پاؤں ہرنیوں کے سے بنا دیتا ہے
اور مُجھے میری اُونچی جگہوں میں قائِم کرتا ہے۔
34وہ میرے ہاتھوں کو جنگ کرنا سِکھاتا ہے
یہاں تک کہ میرے بازُو پِیتل کی کمان کو جُھکا
دیتے ہیں۔
35تُو نے مُجھ کو اپنی نجات کی سِپر بخشی
اور تیرے دہنے ہاتھ نے مُجھے سنبھالا
اور تیری نرمی نے مُجھے بزُرگ بنایا ہے۔
36تُو نے میرے نِیچے میرے قدم کُشادہ کر دِئے۔
اور میرے پاؤں نہیں پِھسلے۔
37مَیں اپنے دُشمنوں کا پِیچھا کر کے اُن کو جا لُوں گا
اور جب تک وہ فنا نہ ہو جائیں واپس نہیں
آؤُں گا۔
38مَیں اُن کو اَیسا چھیدُوں گا کہ وہ اُٹھ نہ سکیں گے۔
وہ میرے پاؤں کے نِیچے گِر پڑیں گے۔
39کیونکہ تُو نے لڑائی کے لِئے مُجھے قُوّت سے
کمربستہ کِیا
اور میرے مُخالِفوں کو میرے سامنے زیر کِیا۔
40تُو نے میرے دُشمنوں کی پُشت میری طرف
پھیر دی
تاکہ مَیں اپنے عداوت رکھنے والوں کو کاٹ
ڈالُوں۔
41اُنہوں نے دُہائی دی پر کوئی نہ تھا جو بچائے۔
خُداوند کو بھی پُکارا پر اُس نے اُن کو جواب نہ دِیا۔
42تب مَیں نے اُن کو کُوٹ کُوٹ کر ہوا میں اُڑتی
ہُوئی گرد کی مانِند کر دِیا۔
مَیں نے اُن کو گلی کُوچوں کی کِیچڑ کی طرح
نِکال پھینکا۔
43تُو نے مُجھے قَوم کے جھگڑوں سے بھی چُھڑایا۔
تُو نے مُجھے قَوموں کا سردار بنایا ہے۔
جِس قَوم سے مَیں واقِف بھی نہیں وہ میری
مُطِیع ہوگی۔
44میرا نام سُنتے ہی وہ میری فرمانبرداری کریں گے۔
پردیسی میرے تابِع ہو جائیں گے۔
45پردیسی مُرجھا جائیں گے
اور اپنے قلعوں سے تھرتھراتے ہُوئے نِکلیں گے۔
46خُداوند زِندہ ہے۔ میری چٹان مُبارک ہو۔
اور میرا نجات دینے والا خُدا مُمتاز ہو!
47وُہی خُدا جو میرا اِنتقام لیتا ہے
اور اُمّتوں کو میرے سامنے زیر کرتا ہے
48وہ مُجھے میرے دُشمنوں سے چُھڑاتا ہے
بلکہ تُو مُجھے میرے مُخالِفوں پر سرفراز کرتا ہے۔
تُو مُجھے تُند خُو آدمی سے رہائی دیتا ہے۔
49اِس لِئے اَے خُداوند! مَیں قَوموں کے درمیان
تیری شُکرگُذاری
اور تیرے نام کی مدح سرائی کرُوں گا۔
50وہ اپنے بادشاہ کو بڑی نجات عِنایت کرتا ہے
اور اپنے ممسُوح داؤُد اور اُس کی نسل پر
ہمیشہ شفقت کرتا ہے۔
مخلُوقات میں خُدا کا جلال
مِیر مُغنّی کے لِئے داؤُد کا مزمُور۔
1آسمان خُدا کا جلال ظاہِر کرتا ہے
اور فضا اُس کی دست کاری دِکھاتی ہے۔
2دِن سے دِن بات کرتا ہے
اور رات کو رات حِکمت سِکھاتی ہے۔
3نہ بولنا ہے نہ کلام۔
نہ اُن کی آواز سنائی دیتی ہے۔
4اُن کا سُر ساری زمِین پر
اور اُن کا کلام دُنیا کی اِنتہا تک پُہنچا ہے۔
اُس نے آفتاب کے لِئے اُن میں خَیمہ لگایا ہے
5جو دُلہے کی مانِند اپنے خلوت خانہ سے نِکلتا ہے
اور پہلوان کی طرح اپنی دَوڑ میں دَوڑنے کو
خُوش ہے۔
6وہ آسمان کی اِنتہا سے نِکلتا ہے
اور اُس کی گشت اُس کے کناروں تک ہوتی ہے
اور اُس کی حرارت سے کوئی چِیز بے بہرہ نہیں۔
خُداوند کی شرِیعت
7خُداوند کی شرِیعت کامِل ہے۔ وہ جان کو بحال
کرتی ہے۔
خُداوند کی شہادت برحق ہے۔ نادان کو دانِش بخشتی ہے۔
8خُداوند کے قوانِین راست ہیں۔ وہ دِل کو فرحت
پُہنچاتے ہیں۔
خُداوند کا حُکم بے عَیب ہے۔ وہ آنکھوں کو رَوشن
کرتا ہے۔
9خُداوند کا خَوف پاک ہے۔ وہ ابد تک قائِم رہتا ہے۔
خُداوند کے احکام برحق اور بالکُل راست ہیں۔
10وہ سونے سے بلکہ بُہت کُندن سے زِیادہ پسندِیدہ ہیں۔
وہ شہد سے بلکہ چھتّے کے ٹپکوں سے بھی
شِیرِین ہیں۔
11نیز اُن سے تیرے بندے کو آگاہی مِلتی ہے۔
اُن کو ماننے کا اجر بڑا ہے۔
12کَون اپنی بُھول چُوک کو جان سکتا ہے؟
تُو مُجھے پوشِیدہ عَیبوں سے پاک کر۔
13تُو اپنے بندے کو بے باکی کے گُناہوں سے بھی
باز رکھ۔
وہ مُجھ پر غالِب نہ آئِیں تو مَیں کامِل ہُوں گا۔
اور بڑے گُناہ سے بچا رہُوں گا۔
14میرے مُنہ کا کلام اور میرے دِل کا خیال تیرے
حضُور مقبُول ٹھہرے۔
اَے خُداوند! اَے میری چٹان اور میرے فِدیہ
دینے والے!
فتح یابی کے لِئے دُعا
مِیر مُغنّی کے لِئے داؤُد کا مزمُور۔
1مُصِیبت کے دِن خُداوند تیری سُنے۔
یعقُوبؔ کے خُدا کا نام تُجھے بُلندی پر قائِم کرے!
2وہ مَقدِس سے تیرے لِئے کُمک بھیجے
اور صِیُّون سے تُجھے تقوِیت بخشے!
3وہ تیرے سب ہدیوں کو یاد رکھّے
اور تیری سوختنی قُربانی کو قبُول کرے! (سِلاہ)
4وہ تیرے دِل کی آرزُو بر لائے
اور تیری سب مشوَرت پُوری کرے!
5ہم تیری نجات پر شادیانہ بجائیں گے
اور اپنے خُدا کے نام پر جھنڈے کھڑے
کریں گے۔
خُداوند تیری تمام درخواستیں پُوری کرے!
6اب مَیں جان گیا کہ خُداوند اپنے ممسُوح کو بچا
لیتا ہے۔
وہ اپنے دہنے ہاتھ کی نجات بخش قُوّت سے
اپنے مُقدّس آسمان پر سے اُسے جواب دے گا۔
7کِسی کو رتھوں کا اور کِسی کو گھوڑوں کا بھروسا ہے
پر ہم تو خُداوند اپنے خُدا ہی کا نام لیں گے۔
8وہ تو جُھکے اور گِر پڑے
پر ہم اُٹھے اور سیدھے کھڑے ہیں۔
9اَے خُداوند! بچا لے۔
جِس دِن ہم پُکاریں تو بادشاہ ہمیں جواب دے۔
فتح یابی کے لِئے شُکرگُذاری
مِیر مُغنّی کے لِئے داؤُد کا مزمُور۔
1اَے خُداوند! تیری قُوّت سے بادشاہ خُوش ہو گا
اور تیری نجات سے اُسے نہایت شادمانی ہو گی۔
2تُو نے اُس کے دِل کی آرزُو پُوری کی ہے
اور اُس کے مُنہ کی درخواست کو نامنظُور نہیں
کِیا۔ (سِلاہ)
3کیونکہ تُو اُسے عُمدہ برکتیں بخشنے میں پیش
قدمی کرتا
اور خالِص سونے کا تاج اُس کے سر پر رکھتا ہے۔
4اُس نے تُجھ سے زِندگی چاہی اور تُو نے بخشی۔
بلکہ عُمر کی درازی ہمیشہ کے لِئے۔
5تیری نجات کے سبب سے اُس کی شوکت عظیِم ہے۔
تُو اُسے حشمت و جلال سے آراستہ کرتا ہے۔
6کیونکہ تُو ہمیشہ کے لِئے اُسے برکتوں سے مالا مال
کرتا ہے
اور اپنے حضُور اُسے خُوش و خُرّم رکھتا ہے۔
7کیونکہ بادشاہ کا توکُّل خُداوند پر ہے
اور حق تعالیٰ کی شفقت کی بدَولت اُسے ہرگز
جُنبِش نہ ہو گی۔
8تیرا ہاتھ تیرے سب دُشمنوں کو ڈھُونڈ نِکالے گا۔
تیرا دہنا ہاتھ تُجھ سے کِینہ رکھنے والوں کا پتہ لگا
لے گا۔
9تُو اپنے قہر کے وقت اُن کو جلتے تنُور کی مانِند کر دے گا۔
خُداوند اپنے غضب میں اُن کو نِگل جائے گا
اور آگ اُن کو کھا جائے گی۔
10تُو اُن کے پَھل کو زمِین پر سے نابُود کر دے گا
اور اُن کی نسل کو بنی آدمؔ میں سے۔
11کیونکہ اُنہوں نے تُجھ سے بدی کرنا چاہا۔
اُنہوں نے اَیسا منصُوبہ باندھا جِسے وہ پُورا نہیں
کر سکتے۔
12کیونکہ تُو اُن کا مُنہ پھیر دے گا۔
تُو اُن کے مُقابلہ میں اپنے چِلّے چڑھائے گا۔
13اَے خُداوند! تُو اپنی ہی قُوّت میں سربُلند ہو!
اور ہم گا کر تیری قُدرت کی سِتایش کریں گے۔
جانکنی میں پُکار اور سِتایش کا گِیت
مِیر مُغنّی کے لِئے ایّلت ہَشّحرَ کے سُر پر داؤُد کامزمُور۔
1اَے میرے خُدا! اَے میرے خُدا! تُو نے مُجھے
کیوں چھوڑ دیا؟
تُو میری مدد اور میرے نالہ و فریاد سے کیوں دُور
رہتا ہے؟
2اَے میرے خُدا! مَیں دِن کو پُکارتا ہُوں پر تُو
جواب نہیں دیتا
اور رات کو بھی اور خاموش نہیں ہوتا۔
3لیکن تُو قُدُّوس ہے۔
تُو جو اِسرائیل کی حمد و ثنا پر تخت نشِین ہے۔
4ہمارے باپ دادا نے تُجھ پر توکُّل کِیا۔
اُنہوں نے توکُّل کِیا اور تُو نے اُن کو چُھڑایا۔
5اُنہوں نے تُجھ سے فریاد کی اور رہائی پائی۔
اُنہوں نے تُجھ پر توکُّل کِیا اور شرمِندہ نہ ہُوئے۔
6پر مَیں تو کِیڑا ہُوں۔ اِنسان نہیں۔
آدمِیوں میں انگُشت نُما ہُوں اور لوگوں
میں حقِیر۔
7وہ سب جو مُجھے دیکھتے ہیں میرا مضحکہ اُڑاتے ہیں۔
وہ مُنہ چڑاتے۔ وہ سر ہِلا ہِلا کر کہتے ہیں
8اپنے کو خُداوند کے سپُرد کر دے۔ وُہی اُسے
چُھڑائے۔
جب کہ وہ اُس سے خُوش ہے تو وُہی اُسے چُھڑائے۔
9پر تُو ہی مُجھے پیٹ سے باہر لایا۔
جب مَیں شِیرخوار ہی تھا تُو نے مُجھے توکُّل
کرنا سِکھایا۔
10مَیں پَیدایش ہی سے تُجھ پر چھوڑا گیا۔
میری ماں کے پیٹ ہی سے تُو میرا خُدا ہے۔
11مُجھ سے دُور نہ رہ کیونکہ مُصِیبت قرِیب ہے۔
اِس لِئے کہ کوئی مددگار نہیں۔
12بُہت سے سانڈوں نے مُجھے گھیر لِیا ہے۔
بسن کے زورآور سانڈ مُجھے گھیرے ہُوئے ہیں۔
13وہ پھاڑنے اور گرجنے والے بَبر کی طرح
مُجھ پر اپنا مُنہ پسارے ہُوئے ہیں۔
14مَیں پانی کی طرح بہہ گیا۔
میری سب ہڈّیاں اُکھڑ گئیِں۔
میرا دِل موم کی مانِند ہو گیا۔
وہ میرے سِینہ میں پِگھل گیا۔
15میری قُوّت ٹِھیکرے کی مانِند خُشک ہو گئی
اور میری زُبان میرے تالُو سے چِپک گئی
اور تُو نے مُجھے مَوت کی خاک میں مِلا دِیا۔
16کیونکہ کُتّوں نے مُجھے گھیر لِیا ہے۔
بدکاروں کی گروہ مُجھے گھیرے ہُوئے ہے۔
وہ میرے ہاتھ اور میرے پاؤں چھیدتے ہیں۔
17مَیں اپنی سب ہڈّیاں گِن سکتا ہُوں۔
وہ مُجھے تاکتے اور گُھورتے ہیں۔
18وہ میرے کپڑے آپس میں بانٹتے ہیں
اور میری پوشاک پر قُرعہ ڈالتے ہیں
19لیکن تُو اَے خُداوند! دُور نہ رہ۔
اَے میرے چارہ ساز! میری مدد کے لِئے
جلدی کر۔
20میری جان کو تلوار سے بچا۔
میری جان کو کُتّے کے قابُو سے۔
21مُجھے بَبر کے مُنہ سے بچا۔
بلکہ تُو نے سانڈوں کے سِینگوں میں سے مُجھے
چُھڑایا ہے۔
22مَیں اپنے بھائِیوں سے تیرے نام کا اِظہار
کرُوں گا۔
جماعت میں تیری سِتایش کرُوں گا۔
23اَے خُداوند سے ڈرنے والو! اُس کی سِتایش کرو۔
اَے یعقُوبؔ کی اَولاد! سب اُس کی تمجِید کرو
اور اَے اِسرائیلؔ کی نسل! سب اُس کا ڈر مانو۔
24کیونکہ اُس نے نہ تو مُصِیبت زدہ کی مُصِیبت کو حقِیر
جانا نہ اُس سے نفرت کی۔
نہ اُس سے اپنا مُنہ چِھپایا
بلکہ جب اُس نے خُدا سے فریاد کی تو اُس نے سُن لی۔
25بڑے مجمع میں میری ثنا خوانی کا باعث تُو ہی ہے۔
مَیں اُس سے ڈرنے والوں کے رُوبرُو اپنی نذریں
ادا کرُوں گا
26حلِیم کھائیں گے اور سیر ہوں گے۔
خُداوند کے طالِب اُس کی سِتایش کریں گے۔
تُمہارا دِل ابد تک زِندہ رہے!
27ساری دُنیا خُداوند کو یاد کرے گی اور اُس کی طرف
رجُوع لائے گی
اور قَوموں کے سب گھرانے تیرے حضُور سِجدہ
کریں گے۔
28کیونکہ سلطنت خُداوند کی ہے۔
وُہی قَوموں پر حاکِم ہے۔
29دُنیا کے سب آسُودہ حال لوگ کھائیں گے اور سِجدہ
کریں گے۔
وہ سب جو خاک میں مِل جاتے ہیں اُس کے
حضُور جُھکیں گے۔
بلکہ وہ بھی جو اپنی جان کو جِیتا نہیں رکھ سکتا۔
30ایک نسل اُس کی بندگی کرے گی۔
دُوسری پُشت کو خُداوند کی خبر دی جائے گی۔
31وہ آئیں گے اور اُس کی صداقت کو ایک قَوم پر
جو پَیدا ہو گی یہ کہہ کر ظاہِر کریں گے کہ اُس نے
یہ کام کِیا ہے۔
خُداوند ہمارا چَوپان
داؤُد کا مزمُور
1خُداوند میرا چَوپان ہے۔ مُجھے کمی نہ ہو گی۔
2وہ مُجھے ہری ہری چراگاہوں میں بِٹھاتا ہے۔
وہ مُجھے راحت کے چشموں کے پاس لے
جاتا ہے۔
3وہ میری جان کو بحال کرتا ہے۔
وہ مُجھے اپنے نام کی خاطِر صداقت کی راہوں پر
لے چلتا ہے۔
4بلکہ خواہ مَوت کے سایہ کی وادی میں سے میرا
گُذر ہو
مَیں کِسی بلا سے نہیں ڈرُوں گا کیونکہ تُو میرے
ساتھ ہے۔
تیرے عصا اور تیری لاٹھی سے مُجھے تسلّی ہے۔
5تُو میرے دُشمنوں کے رُوبرُو میرے آگے دسترخوان
بِچھاتا ہے۔
تُو نے میرے سر پر تیل ملا ہے۔ میرا پِیالہ لبریز
ہوتا ہے۔
6یقیناً بھلائی اور رحمت عُمر بھر میرے ساتھ ساتھ
رہیں گی
اور مَیں ہمیشہ خُداوند کے گھر میں سکُونت
کرُوں گا۔
عظیِم بادشاہ
داؤُد کا مزمُور۔
1زمِین اور اُس کی معمُوری خُداوند ہی کی ہے۔
جہان اور اُس کے باشِندے بھی۔
2کیونکہ اُس نے سمُندروں پر اُس کی بُنیاد رکھّی
اور سَیلابوں پر اُسے قائِم کِیا۔
3خُداوند کے پہاڑ پر کَون چڑھے گا
اور اُس کے مُقدّس مقام پر کَون کھڑا ہو گا؟
4وُہی جِس کے ہاتھ صاف ہیں اور جِس کا دِل
پاک ہے۔
جِس نے بطالت پر دِل نہیں لگایا
اور مکر سے قَسم نہیں کھائی۔
5وہ خُداوند کی طرف سے برکت پائے گا۔
ہاں اپنے نجات دینے والے خُدا کی طرف
سے صداقت۔
6یہی اُس کے طالِبوں کی پُشت ہے۔
یہی تیرے دِیدار کے خواہاں ہیں۔ یعنی
یعقُوب۔ (سِلاہ)
7اَے پھاٹکو! اپنے سر بُلند کرو۔
اَے ابدی دروازو! اُونچے ہو جاؤ
اور جلال کا بادشاہ داخِل ہو گا۔
8یہ جلال کا بادشاہ کَون ہے؟
خُداوند جو قوی اور قادِر ہے۔
خُداوند جو جنگ میں زورآور ہے۔
9اَے پھاٹکو! اپنے سر بُلند کرو۔
اَے ابدی دروازو! اُن کو بُلند کرو
اور جلال کا بادشاہ داخِل ہو گا۔
10یہ جلال کا بادشاہ کَون ہے؟
لشکروں کا خُداوند۔
وُہی جلال کا بادشاہ ہے۔ (سِلاہ)
راہنُمائی اور مُحافظت کی دُعا
داؤُد کا مزمُور۔
1اَے خُداوند! مَیں اپنی جان تیری طرف اُٹھاتا ہُوں۔
2اَے میرے خُدا! مَیں نے تُجھ پر توکُّل کِیا ہے۔
مُجھے شرمِندہ نہ ہونے دے۔
میرے دُشمن مُجھ پر شادیانہ نہ بجائیں۔
3بلکہ جو تیرے مُنتظِر ہیں
اُن میں سے کوئی شرمِندہ نہ ہو گا۔
پر جو ناحق بے وفائی کرتے ہیں
وُہی شرمِندہ ہوں گے۔
4اَے خُداوند! اپنی راہیں مُجھے دِکھا۔
اپنے راستے مُجھے بتا دے۔
5مُجھے اپنی سچّائی پر چلا اور تعلِیم دے۔
کیونکہ تُو میرا نجات دینے والا خُدا ہے۔
مَیں دِن بھر تیرا ہی مُنتظِر رہتا ہُوں۔
6اَے خُداوند اپنی رحمتوں اور شفقتوں کو یاد فرما
کیونکہ وہ ازل سے ہیں۔
7میری جوانی کی خطاؤں اور میرے گُناہوں کو
یاد نہ کر۔
اَے خُداوند! اپنی نیکی کی خاطِر
اپنی شفقت کے مُطابِق مُجھے یاد فرما۔
8خُداوند نیک اور راست ہے۔
اِس لِئے وہ گُنہگاروں کو راہِ حق کی تعلِیم دے گا۔
9وہ حلِیموں کو اِنصاف کی ہِدایت کرے گا۔
ہاں وہ حلِیموں کو اپنی راہ بتائے گا۔
10جو خُداوند کے عہد اور اُس کی شہادتوں کو مانتے ہیں
اُن کے لِئے اُس کی سب راہیں شفقت اور سچّائی ہیں۔
11اَے خُداوند! اپنے نام کی خاطِر
میری بدکاری مُعاف کر دے کیونکہ وہ بڑی ہے۔
12وہ کَون ہے جو خُداوند سے ڈرتا ہے؟
خُداوند اُس کو اُسی راہ کی تعلِیم دے گا
جو اُسے پسند ہے۔
13اُس کی جان راحت میں رہے گی
اور اُس کی نسل زمِین کی وارِث ہو گی۔
14خُداوند کے راز کو وُہی جانتے ہیں
جو اُس سے ڈرتے ہیں
اور وہ اپنا عہد اُن کو بتائے گا۔
15میری آنکھیں ہمیشہ خُداوند کی طرف لگی رہتی ہیں
کیونکہ وُہی میرا پاؤں دام سے چُھڑائے گا۔
16میری طرف مُتوجِّہ ہو اور مُجھ پر رحم کر
کیونکہ مَیں بیکس اور مُصِیبت زدہ ہُوں۔
17میرے دِل کے دُکھ بڑھ گئے۔
تُو مُجھے میری تکلِیفوں سے رہائی دے۔
18تُو میری مُصِیبت اور جانفشانی کو دیکھ
اور میرے سب گُناہ مُعاف فرما۔
19میرے دُشمنوں کو دیکھ کیونکہ وہ بُہت ہیں
اور اُن کو مُجھ سے سخت عداوت ہے۔
20میری جان کی حِفاظت کر اور مُجھے چُھڑا۔
مُجھے شرمِندہ نہ ہونے دے
کیونکہ میرا توکُّل تُجھ ہی پر ہے۔
21دِیانت داری اور راست بازی مُجھے سلامت رکھّیں
کیونکہ مُجھے تیری ہی آس ہے۔
22اَے خُدا! اِسرائیل کو
اُس کے سب دُکھوں سے چُھڑا لے۔
راست آدمی کی دُعا
داؤُد کا مزمُور۔
1اَے خُداوند میرا اِنصاف کر کیونکہ مَیں راستی سے چلتا
رہا ہُوں
اور مَیں نے خُداوند پر بے لغزِش توکُّل کِیا ہے۔
2اَے خُداوند! مُجھے جانچ اور آزما۔
میرے دِل و دِماغ کو پرکھ۔
3کیونکہ تیری شفقت میری آنکھوں کے سامنے ہے
اور مَیں تیری سچّائی کی راہ پر چلتا رہا ہُوں۔
4مَیں بے ہُودہ لوگوں کے ساتھ نہیں بَیٹھا۔
مَیں رِیاکاروں کے ساتھ کہیں نہیں جاؤُں گا۔
5بدکرداروں کی جماعت سے مُجھے نفرت ہے۔
مَیں شرِیروں کے ساتھ نہیں بَیٹھُوں گا۔
6مَیں بے گُنا ہی میں اپنے ہاتھ دھوؤُں گا
اور اَے خُداوند! مَیں تیرے مذبح کا طواف کرُوں گا
7تاکہ شُکرگُذاری کی آواز بُلند کرُوں
اور تیرے سب عجِیب کاموں کو بیان کرُوں۔
8اَے خُداوند! مَیں تیری سکُونت گاہ
اور تیرے جلال کے خَیمہ کو عزِیز رکھتا ہُوں۔
9میری جان کو گُنہگاروں کے ساتھ
اور میری زِندگی کو خُونی آدمیوں کے ساتھ نہ مِلا۔
10جِن کے ہاتھوں میں شرارت ہے
اور جِن کا دہنا ہاتھ رِشوتوں سے بھرا ہے۔
11پر مَیں تو راستی سے چلتا رہُوں گا۔
مُجھے چُھڑا لے اور مُجھ پر رحم کر۔
12میرا پاؤں ہموار جگہ پر قائِم ہے۔
مَیں جماعتوں میں خُداوند کو مُبارک کہُوں گا۔
حمد و سِتایش کی دُعا
داؤُد کا مزمُور۔
1خُداوند میری رَوشنی اور میری نجات ہے۔ مُجھے
کِس کی دہشت؟
خُداوند میری زِندگی کا پُشتہ ہے۔ مُجھے کِس
کی ہَیبت؟
2جب شریر یعنی میرے مُخالِف اور میرے دُشمن
میرا گوشت کھانے کو مُجھ پر چڑھ آئے تُو وہ ٹھوکر
کھا کر گِر پڑے۔
3خواہ میرے خِلاف لشکر خَیمہ زن ہو
میرا دِل نہیں ڈرے گا۔
خواہ میرے مُقابلہ میں جنگ برپا ہو
تَو بھی مَیں خاطِر جمع رہُوں گا۔
4مَیں نے خُداوند سے ایک درخواست کی ہے۔ مَیں
اِسی کا طالِب رہُوں گا
کہ مَیں عُمر بھر خُداوند کے گھر میں رہُوں
تاکہ خُداوند کے جمال کو دیکھُوں اور اُس کی
ہَیکل میں اِستِفسار کِیا کرُوں۔
5کیونکہ مُصِیبت کے دِن وہ مُجھے اپنے شامیانہ میں
پوشِیدہ رکھّے گا
وہ مُجھے اپنے خَیمہ کے پردہ میں چِھپا لے گا۔
وہ مُجھے چٹان پر چڑھا دے گا۔
6اب مَیں اپنے چاروں طرف کے دُشمنوں پر سرفراز
کِیا جاؤُں گا۔
مَیں اُس کے خَیمہ میں خُوشی کی قُربانِیاں
گُذرانُوں گا۔
مَیں گاؤُں گا۔ مَیں خُداوند کی مدح سرائی
کرُوں گا۔
7اَے خُداوند! میری آواز سُن۔ مَیں پُکارتا ہُوں۔
مُجھ پر رحم کر اور مُجھے جواب دے۔
8جب تُو نے فرمایا کہ میرے دِیدار کے طالِب ہو تو
میرے دِل نے تُجھ سے کہا
اَے خُداوند مَیں تیرے دِیدار کا طالِب رہُوں گا۔
9مُجھ سے رُوپوش نہ ہو۔
اپنے بندہ کو قہر سے نہ نِکال۔
تُو میرا مددگار رہا ہے۔
نہ مُجھے ترک کر نہ مُجھے چھوڑ اَے میرے نجات
دینے والے خُدا!
10جب میرا باپ اور میری ماں مُجھے چھوڑ دیں
تو خُداوند مُجھے سنبھال لے گا۔
11اَے خُداوند مُجھے اپنی راہ بتا
اور میرے دُشمنوں کے سبب سے
مُجھے ہموار راستہ پر چلا۔
12مُجھے میرے مُخالِفوں کی مرضی پر نہ چھوڑ
کیونکہ جُھوٹے گواہ اور بے رحمی سے پُھنکارنے
والے میرے خِلاف اُٹھے ہیں۔
13اگر مُجھے یقِین نہ ہوتا کہ زِندوں کی زمِین میں
خُداوند کے اِحسان کو دیکھُوں گا تو مُجھے غش
آ جاتا۔
14خُداوند کی آس رکھ۔
مضبُوط ہو اور تیرا دِل قوی ہو۔
ہاں خُداوند ہی کی آس رکھ۔
مدد کے لِئے اِلتجا
داؤُد کا مزمُور۔
1اَے خُداوند! مَیں تُجھ ہی کو پکارُوں گا۔
اَے میری چٹان! تُو میری طرف سے کان بند
نہ کر۔
اَیسا نہ ہو کہ اگر تُو میری طرف سے خاموش رہے
تو مَیں اُن کی مانِند بن جاؤُں جو پاتال میں
جاتے ہیں۔
2جب مَیں تُجھ سے فریاد کرُوں اور اپنے ہاتھ
تیری مُقدّس ہَیکل کی طرف اُٹھاؤُں تو میری
مِنّت کی آواز کو سُن لے۔
3مُجھے اُن شرِیروں اور بدکرداروں کے ساتھ گھسِیٹ
نہ لے جا
جو اپنے ہمسایوں سے صُلح کی باتیں کرتے ہیں
مگر اُن کے دِلوں میں بدی ہے۔
4اُن کے افعال و اعمال کی بُرائی کے مُوافِق اُن کو
بدلہ دے۔
اُن کے ہاتھوں کے کاموں کے مُطابِق اُن سے
سلُوک کر۔
اُن کے کِئے کا عِوض اُن کو دے۔
5وہ خُداوند کے کاموں
اور اُس کی دست کاری پر دِھیان نہیں کرتے۔
اِس لِئے وہ اُن کو گِرا دے گا اور پِھر نہیں
اُٹھائے گا۔
6خُداوند مُبارک ہو۔
اِس لِئے کہ اُس نے میری مِنّت کی آواز سُن لی۔
7خُداوند میری قُوّت اور میری سِپر ہے۔
میرے دِل نے اُس پر توکُّل کِیا ہے اور مُجھے مدد
مِلی ہے
اِسی لِئے میرا دِل نہایت شادمان ہے
اور مَیں گِیت گا کر اُس کی سِتایش کرُوں گا۔
8خُداوند اُن کی قُوّت ہے۔
وہ اپنے ممسُوح کے لِئے نجات کا قلعہ ہے۔
9اپنی اُمّت کو بچا اور اپنی مِیراث کو برکت دے۔
اُن کی پاسبانی کر اور اُن کو ہمیشہ تک سنبھالے رہ۔
طُوفان میں خُداوند کی آواز
داؤُد کا مزمُور۔
1اَے فرِشتگان خُداوند کی۔
خُداوند ہی کی تمِجید و تعظِیم کرو۔
2خُداوند کی اَیسی تمِجید کرو
جو اُس کے نام کے شایاں ہے۔
پاک آرایش کے ساتھ خُداوند کو سِجدہ کرو۔
3خُداوند کی آواز بادلوں پر ہے۔
خُدایِ ذُوالجلال گرجتا ہے۔
خُداوند دلدار بادلوں پر ہے۔
4خُداوند کی آواز میں قُدرت ہے۔
خُداوند کی آواز میں جلال ہے۔
5خُداوند کی آواز دیوداروں کو توڑ ڈالتی ہے۔
بلکہ خُداوند لُبنان کے دیوداروں کو
ٹُکڑے ٹُکڑے کر دیتا ہے۔
6وہ اُن کو بچھڑے کی مانِند۔
لُبنان اور سِریُون کو جنگلی بچھڑے کی مانِند
کُداتا ہے۔
7خُداوند کی آواز آگ کے شُعلوں کو چِیرتی ہے۔
8خُداوند کی آواز بیابان کو ہلا دیتی ہے۔
خُداوند قادِس کے بیابان کو ہِلا ڈالتا ہے۔
9خُداوند کی آواز سے ہرنیوں کے حمل گِر جاتے ہیں۔
اور وہ جنگلوں کو بے برگ کر دیتی ہے۔
اُس کی ہَیکل میں ہر ایک جلال ہی جلال پُکارتا ہے۔
10خُداوند طُوفان کے وقت تخت نشِین تھا۔
بلکہ خُداوند ہمیشہ تک تخت نشِین ہے۔
11خُداوند اپنی اُمّت کو زور بخشے گا۔
خُداوند اپنی اُمّت کو سلامتی کی برکت دے گا۔
شُکرگُذاری کی دُعا
داؤُد کا مزمُور۔ ہَیکل کی تقدِیس کے وقت کا گِیت۔
1اَے خُداوند! مَیں تیری تمِجید کرُوں گا
کیونکہ تُو نے مُجھے سرفراز کِیا ہے
اور میرے دُشمنوں کو مُجھ پر خُوش ہونے نہ دِیا۔
2اَے خُداوند میرے خُدا!
مَیں نے تُجھ سے فریاد کی
اور تُو نے مُجھے شِفا بخشی۔
3اَے خُداوند! تُو میری جان کو پاتال سے نِکال لایا ہے۔
تُو نے مُجھے زِندہ رکھّا ہے
کہ گور میں نہ جاؤُں۔
4خُداوند کی سِتایش کرو اَے اُس کے مُقدّسو!
اور اُس کے قُدس کو یاد کر کے شُکرگُذاری کرو
5کیونکہ اُس کا قہر دم بھر کا ہے۔
اُس کا کرم عُمر بھر کا۔
رات کو شاید رونا پڑے
پر صُبح کو خُوشی کی نَوبت آتی ہے۔
6مَیں نے اپنی اِقبال مندی کے وقت یہ کہا تھا
کہ مُجھے کبھی جُنبش نہ ہو گی۔
7اَے خُداوند! تُو نے اپنے کرم سے میرے پہاڑ کو قائِم رکھّا تھا۔
جب تُو نے اپنا چہرہ چِھپایا
تو مَیں گھبرا اُٹھا۔
8اَے خُداوند! مَیں نے تُجھ سے فریاد کی۔
مَیں نے خُداوند سے مِنّت کی۔
9جب مَیں گور میں جاؤُں تو میری مَوت سے کیا فائِدہ؟
کیا خاک تیری سِتایش کرے گی؟
کیا وہ تیری سچّائی کو بیان کرے گی؟
10سُن لے اَے خُداوند! اور مُجھ پر رحم کر۔
اَے خُداوند! تُو میرا مددگار ہو۔
11تُو نے میرے ماتم کو ناچ سے بدل دِیا۔
تُو نے میرا ٹاٹ اُتار ڈالا
اور مُجھے خُوشی سے کمربستہ کِیا
12تاکہ میری رُوح تیری مدح سرائی کرے
اور چُپ نہ رہے۔
اَے خُداوند میرے خُدا!
مَیں ہمیشہ تیرا شُکر کرتا رہُوں گا۔
خُدا پر توکُّل کی دُعا
مِیر مغنّی کے لِئے داؤُد کا مزمُور۔
1اَے خُداوند! میرا توکُّل تُجھ پر ہے۔
مُجھے کبھی شرمِندہ نہ ہونے دے۔
اپنی صداقت کی خاطِر مُجھے رہائی دے۔
2اپنا کان میری طرف جُھکا۔ جلد مُجھے چُھڑا۔
تُو میرے لِئے مضبُوط چٹان
میرے بچانے کو پناہ گاہ ہو۔
3کیونکہ تُو ہی میری چٹان اور میرا قلعہ ہے۔
اِس لِئے اپنے نام کی خاطِر میری رہبری اور رہنُمائی کر۔
4مُجھے اُس جال سے نِکال لے
جو اُنہوں نے چِھپ کر میرے لِئے بچھایا ہے
کیونکہ تُو ہی میرا مُحکم قلعہ ہے۔
5مَیں اپنی رُوح تیرے ہاتھ میں سَونپتا ہُوں۔
اَے خُداوند! سچّائی کے خُدا!
تُو نے میرا فِدیہ دِیا ہے۔
6مُجھے اُن سے نفرت ہے
جو جُھوٹے معبُودوں کو مانتے ہیں۔
میرا توکُّل تو خُداوند ہی پر ہے۔
7مَیں تیری رحمت سے خُوش و خُرّم رہُوں گا
کیونکہ تُو نے میرا دُکھ دیکھ لِیا ہے۔
تُو میری جان کی مُصِیبتوں سے واقِف ہے۔
8تُو نے مُجھے دُشمن کے ہاتھ میں اسِیر نہیں چھوڑا۔
تُو نے میرے پاؤں کُشادہ جگہ میں رکھّے ہیں۔
9اَے خُداوند! مُجھ پر رحم کر
کیونکہ مَیں مُصِیبت میں ہُوں۔
میری آنکھ بلکہ میری جان اور میرا جِسم
سب رنج کے مارے گُھلے جاتے ہیں۔
10کیونکہ میری جان غم میں اور میری عُمر کراہنے میں
فنا ہُوئی۔
میرا زور میری بدکاری کے باعِث سے جاتا رہا
اور میری ہڈّیاں گُھل گئِیں۔
11مَیں اپنے سب مُخالِفوں کے سبب سے
اپنے ہمسایوں کے لِئے از بس انگُشت نُما
اور اپنے جان پہچانوں کے لِئے خَوف کا باعِث ہُوں۔
جِنہوں نے مُجھ کو باہر دیکھا مُجھ سے دُور بھاگے۔
12مَیں مُردہ کی مانِند دِل سے بُھلا دِیا گیا ہُوں۔
مَیں ٹُوٹے برتن کی مانِند ہُوں۔
13کیونکہ مَیں نے بہتوں سے اپنی بدنامی سُنی ہے۔
ہر طرف خَوف ہی خَوف ہے۔
جب اُنہوں نے مِل کر میرے خِلاف مشوَرہ کِیا
تُو میری جان لینے کا منصُوبہ باندھا۔
14لیکن اَے خُداوند! میرا توکُّل تُجھ پر ہے۔
مَیں نے کہا تُو میرا خُدا ہے۔
15میرے ایّام تیرے ہاتھ میں ہیں۔
مُجھے میرے دُشمنوں اور ستانے والوں کے ہاتھ سے چُھڑا۔
16اپنے چہرے کو اپنے بندہ پر جلوہ گر فرما۔
اپنی شفقت سے مُجھے بچا لے۔
17اَے خُداوند! مُجھے شرمِندہ نہ ہونے دے
کیونکہ مَیں نے تُجھ سے دُعا کی ہے۔
شرِیر شرمِندہ ہو جائیں
اور پاتال میں خاموش ہوں۔
18جُھوٹے ہونٹ بند ہو جائیں
جو صادِقوں کے خِلاف غرُور اور حقارت سے
تکبُّر کی باتیں بولتے ہیں۔
19آہ! تُو نے اپنے ڈرنے والوں کے لِئے
کَیسی بڑی نِعمت رکھ چھوڑی ہے۔
جِسے تُو نے بنی آدمؔ کے سامنے
اپنے توکُّل کرنے والوں کے لِئے تیّار کِیا۔
20تُو اُن کو اِنسان کی بندِشوں سے
اپنی حضُوری کے پردہ میں چِھپا لے گا۔
تُو اُن کو زُبان کے جھگڑوں سے
شامیانہ میں پوشِیدہ رکھّے گا۔
21خُداوند مُبارک ہو۔
کیونکہ اُس نے مُجھ کو مُحکم شہر میں
اپنی عجِیب شفقت دِکھائی۔
22مَیں نے تو جلد بازی سے کہا تھا
کہ مَیں تیرے سامنے سے کاٹ ڈالا گیا۔
تَو بھی جب مَیں نے تُجھ سے فریاد کی
تو تُو نے میری مِنّت کی آواز سُن لی
23خُداوند سے مُحبّت رکھّو اَے اُس کے سب مُقدّسو!
خُداوند اِیمان داروں کو سلامت رکھتا ہے
اور مغرُوروں کو خُوب ہی بدلہ دیتا ہے۔
24اَے خُداوند پر آس رکھنے والو!
سب مضبُوط ہو اور تُمہارا دِل قوی رہے۔
گُناہ کا اِقرار اور مُعافی
داؤُد کا مزمُور مشکِیل۔
1مُبارک ہے وہ جِس کی خطا بخشی گئی اور جِس کا گُناہ ڈھانکا گیا۔
2مُبارک ہے وہ آدمی جِس کی بدکاری کو خُداوند حِساب میں نہیں لاتا
اور جِس کے دِل میں مکر نہیں۔
3جب مَیں خاموش رہا تو دِن بھر کے کراہنے سے
میری ہڈّیاں گُھل گئِیں۔
4کیونکہ تیرا ہاتھ رات دِن مُجھ پر بھاری تھا
میری تراوت گرمیوں کی خُشکی سے بدل گئی۔ (سِلاہ)
5مَیں نے تیرے حضُور اپنے گُناہ کو مان لِیا اور اپنی بدکاری کو نہ چِھپایا۔
مَیں نے کہا مَیں خُداوند کے حضُور اپنی خطاؤں کا اِقرار کرُوں گا
اور تُو نے میرے گُناہ کی بدی کو مُعاف کِیا۔
(سِلاہ)
6اِسی لِئے ہر دِین دار تُجھ سے اَیسے وقت میں دُعا کرے جب تُو مِل سکتا ہے۔
یقینا جب سَیلاب آئے تو اُس تک نہیں پُہنچے گا۔
7تُو میرے چِھپنے کی جگہ ہے۔ تُو مُجھے دُکھ سے بچائے رکھّے گا۔
تُو مُجھے رہائی کے نغموں سے گھیر لے گا۔ (سِلاہ)
8مَیں تُجھے تعلِیم دُوں گا اور جِس راہ پر تُجھے چلنا ہو گا تُجھے بتاؤُں گا۔
مَیں تُجھے صلاح دُوں گا۔ میری نظر تُجھ پر ہو گی۔
9تُم گھوڑے یا خچّر کی مانِند نہ بنو جِن میں سمجھ نہیں۔
جِن کو قابُو میں رکھنے کا ساز دہانہ اور لگام ہے
ورنہ وہ تیرے پاس آنے کے بھی نہیں۔
10شرِیر پر بُہت سی مُصِیبتیں آئیں گی
پر جِس کا توکُّل خُداوند پر ہے رحمت اُسے گھیرے رہے گی۔
11اَے صادِقو! خُداوند میں خُوش و خُرَّم رہو
اور اَے راست دِلو! خُوشی سے للکارو۔
سِتایش کا گِیت
1اَے صادِقو! خُداوند میں شادمان رہو۔
حمد کرنا راست بازوں کو زیبا ہے۔
2سِتار کے ساتھ خُداوند کا شُکر کرو۔
دس تار کی بربط کے ساتھ اُس کی سِتایش کرو۔
3اُس کے لِئے نیا گِیت گاؤ۔
بُلند آواز کے ساتھ اچھّی طرح بجاؤ
4کیونکہ خُداوند کا کلام راست ہے
اور اُس کے سب کام باوفا ہیں۔
5وہ صداقت اور اِنصاف کو پسند کرتا ہے۔
زمِین خُداوند کی شفقت سے معمُور ہے۔
6آسمان خُداوند کے کلام سے
اور اُس کا سارا لشکر اُس کے مُنہ کے دَم سے بنا۔
7وہ سمُندر کا پانی تُودے کی مانِند جمع کرتا ہے۔
وہ گہرے سمُندروں کو مخزنوں میں رکھتا ہے۔
8ساری زمِین خُداوند سے ڈرے۔
جہان کے سب باشِندے اُس کا خَوف رکھّیں
9کیونکہ اُس نے فرمایا اور ہو گیا۔
اُس نے حُکم دِیا اور واقِع ہُؤا۔
10خُداوند قَوموں کی مشوَرت کو باطِل کر دیتا ہے۔
وہ اُمّتوں کے منصُوبوں کو ناچِیز بنا دیتا ہے۔
11خُداوند کی مصلحت ابد تک قائِم رہے گی
اور اُس کے دِل کے خیال نسل در نسل۔
12مُبارک ہے وہ قَوم جِس کا خُدا خُداوند ہے
اور وہ اُمّت جِس کو اُس نے اپنی ہی مِیراث کے لِئے برگُزِیدہ کِیا۔
13خُداوند آسمان پر سے دیکھتا ہے۔
سب بنی آدمؔ پر اُس کی نِگاہ ہے
14اپنی سکُونت گاہ سے
وہ زمِین کے سب باشِندوں کو دیکھتا ہے۔
15وُہی ہے جو اُن سب کے دِلوں کو بناتا
اور اُن کے سب کاموں کا خیال رکھتا ہے۔
16کِسی بادشاہ کو فَوج کی کثرت نہ بچائے گی
اور کِسی زبردست آدمی کو اُس کی بڑی طاقت رہائی نہ دے گی۔
17بچ نِکلنے کے لِئے گھوڑا بیکار ہے۔
وہ اپنی شہہ زوری سے کِسی کو نہ بچائے گا
18دیکھو! خُداوند کی نِگاہ اُن پر ہے
جو اُس سے ڈرتے ہیں۔
جو اُس کی شفقت کے اُمیدوار ہیں
19تاکہ اُن کی جان مَوت سے بچائے
اور قحط میں اُن کو جِیتا رکھّے۔
20ہماری جان کو خُداوند کی آس ہے۔
وُہی ہماری کُمک اور ہماری سِپر ہے۔
21ہمارا دِل اُس میں شادمان رہے گا
کیونکہ ہم نے اُس کے پاک نام پر توکُّل کِیا ہے۔
22اَے خُداوند! جَیسی تُجھ پر ہماری آس ہے
وَیسی ہی تیری رحمت ہم پر ہو!
خُدا کی شفقت کے لِئے اُس کی حمد و ثنا
داؤُد کا مزمُور۔ اُس وقت کا جب اُس نے اَبی مَلِک کے سامنے اپنی وضع بدلی۔ جِس نے اُسے نِکال دِیا اور وہ چلا گیا۔
1مَیں ہر وقت خُداوند کو مُبارک کہُوں گا۔
اُس کی سِتایش ہمیشہ میری زُبان پر رہے گی۔
2میری رُوح خُداوند پر فخر کرے گی۔
حلِیم یہ سُن کر خُوش ہوں گے۔
3میرے ساتھ خُداوند کی بڑائی کرو۔
ہم مِل کر اُس کے نام کی تمجِید کریں۔
4مَیں خُداوند کا طالِب ہُؤا۔ اُس نے مُجھے جواب دِیا
اور میری ساری دہشت سے مُجھے رہائی بخشی۔
5اُنہوں نے اُس کی طرف نظر کی اور مُنوّر ہو گئے
اور اُن کے مُنہ پر کبھی شرمِندگی نہ آئے گی۔
6اِس غرِیب نے دُہائی دی۔ خُداوند نے اِس کی سُنی
اور اِسے اِس کے سب دُکھوں سے بچا لِیا۔
7خُداوند سے ڈرنے والوں کی چاروں طرف
اُس کا فرِشتہ خَیمہ زن ہوتا ہے
اور اُن کو بچاتا ہے۔
8آزما کر دیکھو کہ خُداوند کَیسا مہربان ہے۔
مُبارک ہے وہ آدمی جو اُس پر توکُّل کرتا ہے
9خُداوند سے ڈرو اَے اُس کے مُقدّسو!
کیونکہ جو اُس سے ڈرتے ہیں اُن کو کُچھ کمی نہیں۔
10بَبر کے بچّے تو حاجتمند اور بُھوکے ہوتے ہیں
پر خُداوند کے طالِب کِسی نِعمت کے مُحتاج نہ ہوں گے۔
11اَے بچّو! آؤ میری سُنو۔
مَیں تُم کو خُدا ترسی سِکھاؤُں گا۔
12وہ کَون آدمی ہے جو زِندگی کا مُشتاق ہے
اور بڑی عُمر چاہتا ہے تاکہ بھلائی دیکھے؟
13اپنی زُبان کو بدی سے باز رکھ
اور اپنے ہونٹوں کو دغا کی بات سے۔
14بدی کو چھوڑ اور نیکی کر۔
صُلح کا طالِب ہو اور اُسی کی پَیروی کر۔
15خُداوند کی نِگاہ صادِقوں پر ہے
اور اُس کے کان اُن کی فریاد پر لگے رہتے ہیں۔
16خُداوند کا چہرہ بدکاروں کے خِلاف ہے
تاکہ اُن کی یاد زمِین پر سے مِٹا دے۔
17صادِق چِلّائے اور خُداوند نے سُنا
اور اُن کو اُن کے سب دُکھوں سے چُھڑایا
18خُداوند شِکستہ دِلوں کے نزدِیک ہے
اور خستہ جانوں کو بچاتا ہے۔
19صادِق کی مُصِیبتیں بُہت ہیں
لیکن خُداوند اُس کو اُن سب سے رہائی بخشتا ہے
20وہ اُس کی سب ہڈِّیوں کو محفُوظ رکھتا ہے۔
اُن میں سے ایک بھی توڑی نہیں جاتی۔
21بدی شرِیر کو ہلاک کر دے گی
اور صادِق سے عداوت رکھنے والے مُجرِم ٹھہریں گے۔
22خُداوند اپنے بندوں کی جان کا فِدیہ دیتا ہے
اور جو اُس پر توکُّل کرتے ہیں اُن میں سے کوئی
مُجرِم نہ ٹھہرے گا۔
مدد کے لِئے اِلتجا
داؤُد کا مزمُور۔
1اَے خُداوند! جو مُجھ سے جھگڑتے ہیں
تُو اُن سے جھگڑ۔
جو مُجھ سے لڑتے ہیں تُو اُن سے لڑ۔
2ڈھال اور سِپر لے کر
میری کُمک کے لِئے کھڑا ہو۔
3بھالا بھی نِکال اور میرا پِیچھا کرنے والوں کا راستہ
بند کر دے۔
میری جان سے کہہ مَیں تیری نجات ہُوں۔
4جو میری جان کے خواہاں ہیں وہ شرمِندہ اور رُسوا ہوں۔
جو میرے نُقصان کا منصُوبہ باندھتے ہیں وہ پسپا اور پریشان ہوں۔
5وہ اَیسے ہو جائیں جَیسے ہوا کے آگے بُھوسا
اور خُداوند کا فرِشتہ اُن کو ہانکتا رہے۔
6اُن کی راہ اندھیری اور پِھسلنی ہو جائے۔
اور خُداوند کا فرِشتہ اُن کو رگیدتا جائے۔
7کیونکہ اُنہوں نے بے سبب میرے لِئے گڑھے میں
جال بِچھایا
اور ناحق میری جان کے لِئے گڑھا کھودا ہے۔
8اُس پر ناگہان تباہی آ پڑے
اور جِس جال کو اُس نے بِچھایا ہے اُس میں آپ
ہی پھنسے
اور اُسی ہلاکت میں گرِفتار ہو۔
9لیکن میری جان خُداوند میں خُوش رہے گی
اور اُس کی نجات سے شادمان ہو گی۔
10میری سب ہڈِّیاں کہیں گی اَے خُداوند! تُجھ سا
کَون ہے
جو غرِیب کو اُس کے ہاتھ سے جو اُس سے
زورآور ہے
اور مسکِین و مُحتاج کو غارت گر سے چُھڑاتا ہے؟
11جُھوٹے گواہ اُٹھتے ہیں
اور جو باتیں مَیں نہیں جانتا وہ مُجھ سے پُوچھتے ہیں۔
12وہ مُجھ سے نیکی کے بدلے بدی کرتے ہیں۔
یہاں تک کہ میری جان بیکس ہو جاتی ہے۔
13لیکن مَیں نے تو اُن کی بِیماری میں جب وہ بِیمار
تھے ٹاٹ اوڑھا
اور روزے رکھ رکھ کر اپنی جان کو دُکھ دِیا
اور میری دُعا میرے ہی سِینہ میں واپس آئی۔
14مَیں نے تو اَیسا کِیا گویا وہ میرا دوست یا میرا
بھائی تھا۔
مَیں نے سر جُھکا کر غم کِیا جَیسے کوئی اپنی ماں کے
لِئے ماتم کرتا ہو۔
15پر جب مَیں لنگڑانے لگا تو وہ خُوش ہو کر اِکٹّھے ہو گئے۔
کمِینے میرے خِلاف اِکٹّھے ہُوئے اور مُجھے
معلُوم نہ تھا۔
اُنہوں نے مُجھے پھاڑا اور باز نہ آئے۔
16ضِیافتوں کے بدتمِیز مسخروں کی طرح
اُنہوں نے مُجھ پر دانت پِیسے۔
17اَے خُداوند! تُو کب تک دیکھتا رہے گا؟
میری جان کو اُن کی غارت گری سے۔
میری جان کو شیروں سے چُھڑا۔
18مَیں بڑے مجمع میں تیری شُکرگُذاری کرُوں گا۔
مَیں بُہت سے لوگوں میں تیری سِتایش کرُوں گا۔
19جو ناحق میرے دُشمن ہیں مُجھ پر شادیانہ نہ بجائیں
اور جو مُجھ سے بے سبب عداوت رکھتے ہیں چشمک
زنی نہ کریں۔
20کیونکہ وہ سلامتی کی باتیں نہیں کرتے۔
بلکہ مُلک کے امن پسند لوگوں کے خِلاف مکر
کے منصُوبے باندھتے ہیں۔
21یہاں تک کہ اُنہوں نے خُوب مُنہ پھاڑا
اور کہا اہا ہاہا! ہم نے اپنی آنکھ سے دیکھ لِیا ہے۔
22اَے خُداوند! تُو نے خُود یہ دیکھا ہے۔ خاموش نہ رہ۔
اَے خُداوند! مُجھ سے دُور نہ رہ۔
23اُٹھ! میرے اِنصاف کے لِئے جاگ
اور میرے مُعاملہ کے لِئے اَے میرے خُدا! اَے
میرے خُداوند!
24اپنی صداقت کے مُطابِق میری عدالت کر۔ اَے
خُداوند میرے خُدا!
اور اُن کو مُجھ پر شادیانہ بجانے نہ دے۔
25وہ اپنے دِل میں یہ نہ کہنے پائیں اہا! ہم تو یہی
چاہتے تھے۔
وہ یہ نہ کہیں کہ ہم اُسے نِگل گئے۔
26جو میرے نُقصان سے خُوش ہوتے ہیں وہ باہم
شرمِندہ اور پریشان ہوں۔
جو میرے مُقابلہ میں تکبُّر کرتے ہیں وہ شرمِندگی
اور رُسوائی سے مُلبّس ہوں۔
27جو میرے سچّے مُعاملہ کی تائِید کرتے ہیں وہ خُوشی
سے للکاریں اور شاد ہوں۔
وہ سدا یہ کہیں خُداوند کی تمجِید ہو
جِس کی خُوشنُودی اپنے بندہ کی اِقبال مندی میں ہے۔
28تب میری زُبان سے تیری صداقت کا ذِکر ہو گا
اور دِن بھر تیری تعرِیف ہو گی۔
اِنسان کی بدذاتی
مِیر مُغنّی کے لِئے خُداوند کے بندہ داؤُد کامزمُور۔
1شرِیر کی بدی سے میرے دِل میں خیال آتا ہے
کہ خُدا کا خَوف اُس کے پیشِ نظر نہیں۔
2کیونکہ وہ اپنے آپ کو اپنی نظر میں اِس خیال سے
تسلّی دیتا ہے
کہ اُس کی بدی نہ تو فاش ہو گی نہ مکرُوہ سمجھی
جائے گی۔
3اُس کے مُنہ میں بدی اور فریب کی باتیں ہیں۔
وہ دانِش اور نیکی سے دست بردار ہو گیا ہے۔
4وہ اپنے بِستر پر بدی کے منصُوبے باندھتا ہے۔
وہ اَیسی راہ اِختیار کرتا ہے جو اچھّی نہیں۔
وہ بدی سے نفرت نہیں کرتا۔
خُدا کی شفقت
5اَے خُداوند! آسمان میں تیری شفقت ہے۔
تیری وفاداری افلاک تک بُلند ہے۔
6تیری صداقت خُدا کے پہاڑوں کی مانِند ہے
تیرے احکام نِہایت عمِیق ہیں۔
اَے خُداوند! تُو اِنسان اور حَیوان دونوں کو محفُوظ
رکھتا ہے۔
7اَے خُدا! تیری شفقت کیا ہی بیش قِیمت ہے۔
بنی آدمؔ تیرے بازُوؤں کے سایہ میں پناہ
لیتے ہیں۔
8وہ تیرے گھر کی نِعمتوں سے خُوب آسُودہ ہوں گے۔
تُو اُن کو اپنی خُوشنُودی کے دریا میں سے پِلائے گا۔
9کیونکہ زِندگی کا چشمہ تیرے پاس ہے۔
تیرے نُور کی بدَولت ہم رَوشنی دیکھیں گے۔
10تیرے پہچاننے والوں پر تیری شفقت دائِمی ہو
اور راست دِلوں پر تیری صداقت۔
11مغرُور آدمی مُجھ پر لات نہ اُٹھانے پائے
اور شرِیر کا ہاتھ مُجھے ہانک نہ دے۔
12بدکردار وہاں گِرے پڑے ہیں۔
وہ گِرا دِیئے گئے ہیں اور پِھر اُٹھ نہ سکیں گے۔
بدکرداروں کا اور نیکوکاروں کا انجام
داؤُد کا مزمُور۔
1تُو بدکرداروں کے سبب سے بیزار نہ ہو
اور بدی کرنے والوں پر رشک نہ کر
2کیونکہ وہ گھاس کی طرح جلد کاٹ ڈالے جائیں گے
اور سبزہ کی طرح مُرجھا جائیں گے۔
3خُداوند پر توکُّل کر اور نیکی کر۔
مُلک میں آباد رہ اور اُس کی وفاداری سے پرورِش پا۔
4خُداوند میں مسرُور رہ
اور وہ تیرے دِل کی مُرادیں پُوری کرے گا۔
5اپنی راہ خُداوند پر چھوڑ دے
اور اُس پر توکُّل کر۔ وُہی سب کُچھ کرے گا۔
6وہ تیری راست بازی کو نُور کی طرح
اور تیرے حق کو دوپہر کی طرح رَوشن کرے گا۔
7خُداوند میں مُطمِئن رہ اور صبر سے اُس کی آس رکھ۔
اُس آدمی کے سبب سے جو اپنی راہ میں
کامیاب ہوتا
اور بُرے منصُوبوں کو انجام دیتا ہے بیزار نہ ہو۔
8قہر سے باز آ اور غضب کو چھوڑ دے۔
بیزار نہ ہو۔ اِس سے بُرائی ہی نِکلتی ہے۔
9کیونکہ بدکردار کاٹ ڈالے جائیں گے
لیکن جِن کو خُداوند کی آس ہے مُلک کے وارِث
ہوں گے
10کیونکہ تھوڑی دیر میں شرِیر نابُود ہو جائے گا۔
تُو اُس کی جگہ کو غَور سے دیکھے گا پر وہ نہ ہو گا۔
11لیکن حلِیم مُلک کے وارِث ہوں گے
اور سلامتی کی فراوانی سے شادمان رہیں گے۔
12شرِیر راست باز کے خِلاف بندِشیں باندھتا ہے
اور اُس پر دانت پِیستا ہے۔
13خُداوند اُس پر ہنسے گا
کیونکہ وہ دیکھتا ہے کہ اُس کا دِن آتا ہے۔
14شرِیروں نے تلوار نِکالی اور کمان کھینچی ہے
تاکہ غرِیب اور مُحتاج کو گِرا دیں
اور راست رَو کو قتل کریں۔
15اُن کی تلوار اُن ہی کے دِل کو چھیدے گی
اور اُن کی کمانیں توڑی جائیں گی
16صادِق کا تھوڑا سا مال
بُہت سے شرِیروں کی دَولت سے بِہتر ہے
17کیونکہ شرِیروں کے بازُو توڑے جائیں گے
لیکن خُداوند صادِقوں کو سنبھالتا ہے۔
18کامِل لوگوں کے ایّام کو خُداوند جانتا ہے۔
اُن کی مِیراث ہمیشہ کے لِئے ہو گی۔
19وہ آفت کے وقت شرمِندہ نہ ہوں گے۔
اور کال کے دِنوں میں آسُودہ رہیں گے۔
20لیکن شرِیر ہلاک ہوں گے۔
خُداوند کے دُشمن چراگاہوں کی سرسبزی کی مانِند
ہوں گے۔
وہ فنا ہو جائیں گے۔ وہ دُھوئیں کی طرح جاتے
رہیں گے۔
21شرِیر قرض لیتا ہے اور ادا نہیں کرتا
لیکن صادِق رحم کرتا ہے اور دیتا ہے
22کیونکہ جِن کو وہ برکت دیتا ہے وہ زمِین کے
وارِث ہوں گے
اور جِن پر وہ لَعنت کرتا ہے وہ کاٹ ڈالے
جائیں گے۔
23اِنسان کی روِشیں خُداوند کی طرف سے قائِم ہیں
اور وہ اُس کی راہ سے خُوش ہے۔
24اگر وہ گِر بھی جائے تُو پڑا نہ رہے گا
کیونکہ خُداوند اُسے اپنے ہاتھ سے سنبھالتا ہے۔
25مَیں جوان تھا اور اب بُوڑھا ہُوں
تَو بھی مَیں نے صادِق کو بیکس
اور اُس کی اَولاد کو ٹُکڑے مانگتے نہیں دیکھا۔
26وہ دِن بھر رحم کرتا ہے اور قرض دیتا ہے
اور اُس کی اَولاد کو برکت مِلتی ہے۔
27بدی کو چھوڑ دے اور نیکی کر
اور ہمیشہ تک آباد رہ۔
28کیونکہ خُداوند اِنصاف کو پسند کرتا ہے
اور اپنے مُقدّسوں کو ترک نہیں کرتا۔
وہ ہمیشہ کے لِئے محفُوظ ہیں۔
پر شرِیروں کی نسل کاٹ ڈالی جائے گی۔
29صادِق زمِین کے وارِث ہوں گے
اور اُس میں ہمیشہ بسے رہیں گے۔
30صادِق کے مُنہ سے دانائی نِکلتی ہے
اور اُس کی زُبان سے اِنصاف کی باتیں۔
31اُس کے خُدا کی شرِیعت اُس کے دِل میں ہے۔
وہ اپنی روِش میں پِھسلے گا نہیں۔
32شرِیر صادِق کی تاک میں رہتا ہے
اور اُسے قتل کرنا چاہتا ہے۔
33خُداوند اُسے اُس کے ہاتھ میں نہیں چھوڑے گا
اور جب اُس کی عدالت ہو تو اُسے مُجرِم نہ
ٹھہرائے گا۔
34خُداوند کی آس رکھ اور اُسی کی راہ پر چلتا رہ
اور وہ تُجھے سرفراز کر کے زمِین کا وارِث بنائے گا۔
جب شرِیر کاٹ ڈالے جائیں گے تو تُو دیکھے گا۔
35مَیں نے شرِیر کو بڑے اِقتدار میں اور اَیسا
پَھیلتے دیکھا
جَیسے کوئی ہرا درخت اپنی اصلی زمِین میں
پَھیلتا ہے۔
36لیکن جب کوئی اُدھر سے گُذرا اور دیکھا تو وہ تھا
ہی نہیں
بلکہ مَیں نے اُسے ڈھُونڈا پر وہ نہ مِلا۔
37کامِل آدمی پر نِگاہ کر اور راست باز کو دیکھ
کیونکہ صُلح دوست آدمی کے لِئے اجر ہے۔
38لیکن خطاکار اِکٹھے مَر مِٹیں گے۔
شرِیروں کا انجام ہلاکت ہے
39لیکن صادِقوں کی نجات خُداوند کی طرف سے ہے۔
مُصِیبت کے وقت وہ اُن کا مُحکم قلعہ ہے۔
40اور خُداوند اُن کی مدد کرتا اور اُن کو بچاتا ہے۔
وہ اُن کو شرِیروں سے چُھڑاتا اور بچا لیتا ہے۔
اِس لِئے کہ اُنہوں نے اُس میں پناہ لی ہے۔
دُکھی آدمی کی فریاد
یادگار کے لِئیداؤُد کا مزمُور۔
1اَے خُداوند اپنے قہر میں مُجھے جِھڑک نہ دے
اور اپنے غضب میں مُجھے تنبِیہہ نہ کر۔
2کیونکہ تیرے تِیر مُجھ میں لگے ہیں
اور تیرا ہاتھ مُجھ پر بھاری ہے۔
3تیرے قہر کے سبب سے میرے جِسم میں صِحت نہیں
اور میرے گُناہ کے باعِث میری ہڈِّیوں کو
آرام نہیں۔
4کیونکہ میری بدی میرے سر سے گُذر گئی
اور وہ بڑے بوجھ کی مانِند میرے لِئے نِہایت
بھاری ہے۔
5میری حماقت کے سبب سے
میرے زخموں سے بدبُو آتی ہے۔ وہ سڑ گئے ہیں۔
6مَیں پُر درد اور بُہت جُھکا ہُؤا ہُوں۔
مَیں دِن بھر ماتم کرتا پِھرتا ہُوں
7کیونکہ میری کمر میں سوزِش ہی سوزِش ہے
اور میرے جِسم میں کُچھ صِحت نہیں۔
8مَیں نحیِف اور نِہایت کُچلا ہُؤا ہُوں
اور دِل کی بے چینی کے سبب سے کراہتا رہا۔
9اَے خُداوند! میری ساری تمنّا تیرے سامنے ہے
اور میرا کراہنا تُجھ سے چِھپا نہیں۔
10میرا دِل دھڑکتا ہے۔ میری طاقت گھٹی جاتی ہے۔
میری آنکھوں کی رَوشنی بھی مُجھ سے جاتی رہی۔
11میرے عزِیز اور دوست میری بلا میں الگ ہو گئے
اور میرے رِشتہ دار دُور جا کھڑے ہُوئے۔
12میری جان کے خواہاں میرے لِئے جال بِچھاتے ہیں
اور میرے نُقصان کے طالِب شرارت کی
باتیں بولتے
اور دِن بھر مکر و فریب کے منصُوبے باندھتے ہیں۔
13پر مَیں بہرے کی مانِند سُنتا ہی نہیں۔
مَیں گُونگے کی مانِند مُنہ نہیں کھولتا
14بلکہ مَیں اُس آدمی کی مانِند ہُوں جِسے سُنائی
نہیں دیتا
اور جِس کے مُنہ میں ملامت کی باتیں نہیں۔
15کیونکہ اَے خُداوند! مُجھے تُجھ سے اُمّید ہے۔
اَے خُداوند میرے خُدا! تُو جواب دے گا۔
16کیونکہ مَیں نے کہا کہ کہیں وہ مُجھ پر شادیانہ
نہ بجائیں۔
جب میرا پاؤں پِھسلتا ہے تُو وہ میرے خِلاف تکبُّر
کرتے ہیں۔
17کیونکہ مَیں گِرنے ہی کو ہُوں
اور میرا غم برابر میرے سامنے ہے۔
18اِس لِئے کہ مَیں اپنی بدی کو ظاہِر کرُوں گا
اور اپنے گُناہ کے باعِث غمگِین رہُوں گا۔
19لیکن میرے دُشمن چُست اور زبردست ہیں
اور مُجھ سے ناحق عداوت رکھنے والے بُہت ہو
گئے ہیں۔
20جو نیکی کے بدلے بدی کرتے ہیں
وہ بھی میرے مُخالِف ہیں کیونکہ مَیں نیکی کی
پَیروی کرتا ہُوں۔
21اَے خُداوند! مُجھے چھوڑ نہ دے۔
اَے میرے خُدا! مُجھ سے دُور نہ ہو۔
22اَے خُداوند! اَے میری نجات!
میری مدد کے لِئے جلدی کر۔
دُکھی آدمی کا اِقرار
مِیر مُغنّی کے لِئے یدُو تُوؔن کے واسطے داؤُد کا مزمُور۔
1مَیں نے کہا مَیں اپنی راہ کی نِگرانی کرُوں گا
تاکہ میری زُبان سے خطا نہ ہو۔
جب تک شرِیر میرے سامنے ہے
مَیں اپنے مُنہ کو لگام دِیئے رہُوں گا۔
2مَیں گُونگا بن کر خاموش رہا اور نیکی کی طرف سے
بھی خاموشی اِختیار کی
اور میرا غم بڑھ گیا۔
3میرا دِل اندر ہی اندر جل رہا تھا۔
سوچتے سوچتے آگ بھڑک اُٹھی۔
تب مَیں اپنی زُبان سے کہنے لگا
4اَے خُداوند! اَیسا کر کہ مَیں اپنے انجام سے
واقِف ہو جاؤُں
اور اِس سے بھی کہ میری عُمر کی مِیعاد کیا ہے۔
مَیں جان لُوں کہ کَیسا فانی ہُوں۔
5دیکھ! تُو نے میری عُمر بالِشت بھر کی رکھّی ہے
اور میری زِندگی تیرے حضُور بے حقِیقت ہے۔
یقِیناً ہر اِنسان بہترین حالت میں بھی بِالکُل
بے ثبات ہے (سِلاہ)
6در حقِیقت اِنسان سایہ کی طرح چلتا پِھرتا ہے۔
یقِیناً وہ فضُول گھبراتے ہیں۔
وہ ذخِیرہ کرتا ہے اور یہ نہیں جانتا کہ اُسے کَون
لے گا۔
7اَے خُداوند! اب مَیں کِس بات کے لِئے
ٹھہرا ہُوں؟
میری اُمّید تُجھ ہی سے ہے۔
8مُجھ کو میری سب خطاؤں سے رہائی دے۔
احمقوں کو مُجھ پر انگُشت نُمائی نہ کرنے دے۔
9مَیں گُونگا بنا۔ مَیں نے مُنہ نہ کھولا۔
کیونکہ تُو ہی نے یہ کِیا ہے۔
10مُجھ سے اپنی بلا دُور کر دے۔
مَیں تو تیرے ہاتھ کی مار سے فنا ہُؤا جاتا ہُوں۔
11جب تُو اِنسان کو بدی پر ملامت کر کے تنبِیہہ کرتا ہے
تو اُس کے حسُن کو پتنگے کی طرح فنا کر دیتا ہے۔
یقِیناً ہر اِنسان بے ثبات ہے۔ (سِلاہ)
12اَے خُداوند! میری دُعا سُن اور میری فریاد پر کان لگا۔
میرے آنسُوؤں کو دیکھ کر خاموش نہ رہ
کیونکہ مَیں تیرے حضُور پردیسی اور مُسافر ہُوں۔
جَیسے میرے سب باپ دادا تھے۔
13آہ! مُجھ سے نظر ہٹا لے تاکہ تازہ دَم ہو جاؤُں۔
اِس سے پہلے کہ رِحلت کرُوں اور نابُود ہو جاؤُں۔
حمد و سِتایش کا گیت
مِیر مُغنّی کے لِئے داؤُد کا مزمُور۔
1مَیں نے صبر سے خُداوند پر آس رکھّی۔
اُس نے میری طرف مائِل ہو کر میری فریاد سُنی۔
2اُس نے مُجھے ہولناک گڑھے اور دلدل کی کِیچڑ میں سے نِکالا
اور اُس نے میرے پاؤں چٹان پر رکھّے اور میری روِش قائِم کی
3اُس نے ہمارے خُدا کی سِتایش کا نیا گِیت میرے مُنہ میں ڈالا۔
بہتیرے دیکھیں گے اور ڈریں گے
اور خُداوند پر توکُّل کریں گے۔
4مُبارک ہے وہ آدمی جو خُداوند پر توکُّل کرتا ہے
اور مغرُوروں اور دروغ دوستوں کی طرف مائِل نہیں ہوتا۔
5اَے خُداوند میرے خُدا! جو عجِیب کام تُو نے کِئے
اور تیرے خیال جو ہماری طرف ہیں وہ بُہت سے ہیں۔
مَیں اُن کو تیرے حضُور ترتِیب نہیں دے سکتا۔
اگر مَیں اُن کا ذِکر اور بیان کرنا چاہُوں۔
تو وہ شُمار سے باہر ہیں۔
6قُربانی اور نذر کو تُو پسند نہیں کرتا۔
تُو نے میرے کان کھول دِیئے ہیں۔
سوختنی قُربانی اور خطا کی قُربانی تُو نے طلب نہیں کی۔
7تب مَیں نے کہا دیکھ! مَیں آیا ہُوں۔
کِتاب کے طُومار میں میری بابت لِکھا ہے۔
8اَے میرے خُدا! میری خُوشی تیری مرضی پُوری کرنے میں ہے
بلکہ تیری شرِیعت میرے دِل میں ہے۔
9مَیں نے بڑے مجمع میں صداقت کی بشارت دی ہے۔
دیکھ! مَیں اپنا مُنہ بند نہیں کرُوں گا۔
اَے خُداوند! تُو جانتا ہے۔
10مَیں نے تیری صداقت اپنے دِل میں چِھپا نہیں رکھّی۔
مَیں نے تیری وفاداری اور نجات کا اِظہار کِیا ہے۔
مَیں نے تیری شفقت اور سچّائی بڑے مجمع سے نہیں چِھپائی۔
11اَے خُداوند! تُو مُجھ پر رحم کرنے میں دریغ نہ کر۔
تیری شفقت اور سچّائی برابر میری حِفاظت کریں۔
مدد کے لِئے دُعا
12کیونکہ بے شُمار بُرائیوں نے مُجھے گھیر لِیا ہے۔
میری بدی نے مُجھے آ پکڑا ہے۔ اَیسا کہ مَیں
آنکھ نہیں اُٹھا سکتا۔
وہ میرے سر کے بالوں سے بھی زِیادہ ہیں۔ سو
میرا جی چُھوٹ گیا۔
13اَے خُداوند! مِہربانی کر کے مُجھے چُھڑا۔
اَے خُداوند! میری مدد کے لِئے جلدی کر۔
14جو میری جان کو ہلاک کرنے کے درپَے ہیں
وہ سب شرمِندہ اور خِجل ہوں۔
جو میرے نُقصان سے خُوش ہیں
وہ پسپا اور رُسوا ہوں۔
15جو مُجھ پر اہا ہاہا کرتے ہیں
وہ اپنی رُسوائی کے سبب سے تباہ ہو جائیں۔
16تیرے سب طالِب تُجھ میں خُوش و خُرّم ہوں۔
تیری نجات کے عاشِق ہمیشہ کہا کریں
خُداوند کی تمجِید ہو!
17پر مَیں مِسکِین اور مُحتاج ہُوں۔
خُداوند میری فِکر کرتا ہے۔
میرا مددگار اور چُھڑانے والا تُو ہی ہے۔
اَے میرے خُدا! دیر نہ کر۔
بِیماری میں فریاد
مِیرمغنّی کے لِئے داؤُد کا مزمُور۔
1مُبارک ہے وہ جو غرِیب کا خیال رکھتا ہے۔
خُداوند مُصِیبت کے دِن اُسے چُھڑائے گا۔
2خُداوند اُسے محفُوظ اور جِیتا رکھّے گا اور وہ زمِین
پر مُبارک ہو گا۔
تُو اُسے اُس کے دُشمنوں کی مرضی پر نہ چھوڑ۔
3خُداوند اُسے بِیماری کے بِستر پر سنبھالے گا۔
تُو اُس کی بِیماری میں اُس کے پُورے بِستر کو
ٹِھیک کرتا ہے۔
4مَیں نے کہا اَے خُداوند! مُجھ پر رحم کر۔
میری جان کو شِفا دے کیونکہ مَیں تیرا گُنہگار
ہُوں۔
5میرے دُشمن یہ کہہ کر میری بُرائی کرتے ہیں
کہ وہ کب مَرے گا اور اُس کا نام کب مِٹے گا؟
6جب وہ مُجھ سے مِلنے کو آتا ہے تو جُھوٹی باتیں
بکتا ہے۔
اُس کا دِل اپنے اندر بدی سمیٹتا ہے۔
وہ باہر جا کر اُسی کا ذِکر کرتا ہے۔
7مُجھ سے عداوت رکھنے والے سب مِل کر میری
غِیبت کرتے ہیں۔
وہ میرے خِلاف میرے نُقصان کے منصُوبے
باندھتے ہیں۔
8وہ کہتے ہیں اِسے تو بُرا روگ لگ گیا ہے۔
اب جو وہ پڑا ہے تو پِھر اُٹھنے کا نہیں۔
9بلکہ میرے دِلی دوست نے جِس پر مُجھے بھروسا تھا
اور جو میری روٹی کھاتا تھا
مُجھ پر لات اُٹھائی ہے۔
10پر تُو اَے خُداوند! مُجھ پر رحم کر کے مُجھے اُٹھا کھڑا کر
تاکہ مَیں اُن کو بدلہ دُوں۔
11اِس سے مَیں جان گیا کہ تو مُجھ سے خُوش ہے
کہ میرا دُشمن مُجھ پر فتح نہیں پاتا۔
12مُجھے تو تُو ہی میری راستی میں قیام بخشتا ہے
اور مُجھے ہمیشہ اپنے حضُور قائِم رکھتا ہے۔
13خُداوند اِسرائیلؔ کا خُدا
ازل سے ابد تک مُبارک ہو!
آمیِن ثُمَّ آمیِن۔
دُوسری کِتاب
(زبُور ۴۲‏—۷۲)
جَلاوطن آدمی کی پُکار
مِیر مُغنّی کے لِئے بنی قورح کا مشکِیل۔
1جَیسے ہرنی پانی کے نالوں کو ترستی ہے
وَیسے ہی اَے خُدا! میری رُوح تیرے لِئے
ترستی ہے۔
2میری رُوح خُدا کی۔ زِندہ خُدا کی پِیاسی ہے۔
مَیں کب جا کر خُدا کے حضُور حاضر ہُوں گا؟
3میرے آنسُو دِن رات میری خُوراک ہیں۔
جِس حال کہ وہ مُجھ سے برابر کہتے ہیں تیرا خُدا
کہاں ہے؟
4اِن باتوں کو یاد کر کے میرا دِل بھر آتا ہے
کہ مَیں کِس طرح بِھیڑ یعنی عِید منانے والی
جماعت کے ہمراہ
خُوشی اور حمد کرتا ہُؤا اُن کو خُدا کے گھر میں لے
جاتا تھا۔
5اَے میری جان! تُو کیوں گِری جاتی ہے؟
تُو اندر ہی اندر کیوں بے چَین ہے؟
خُدا سے اُمّید رکھ کیونکہ اُس کے نجات بخش
دِیدار کی خاطِر
مَیں پِھر اُس کی سِتایش کرُوں گا۔
6اَے میرے خُدا! میری جان میرے اندر گِری
جاتی ہے۔
اِس لِئے مَیں تُجھے یَردؔن کی سرزمِین سے
اور حرمُون اور کوہِ مِصغار پر سے یاد کرتا ہُوں۔
7تیرے آبشاروں کی آواز سے گہراؤ گہراؤ کو
پُکارتا ہے۔
تیری سب مَوجیں اور لہریں مُجھ پر سے گُذر گئِیں
8تَو بھی دِن کو خُداوند اپنی شفقت دِکھائے گا
اور رات کو مَیں اُس کا گِیت گاؤُں گا
بلکہ اپنی حیات کے خُدا سے دُعا کرُوں گا۔
9مَیں خُدا سے جو میری چٹان ہے کہُوں گا
تُو مُجھے کیوں بُھول گیا؟
مَیں دُشمن کے ظُلم کے سبب سے کیوں ماتم کرتا
پِھرتا ہُوں؟
10میرے مُخالِفوں کی ملامت گویا میری ہڈِّیوں میں
تلوار ہے
کیونکہ وہ مُجھ سے برابر کہتے ہیں تیرا خُدا
کہاں ہے؟
11اَے میری جان! تُو کیوں گِری جاتی ہے؟
تُو اندر ہی اندر کیوں بے چَین ہے؟
خُدا سے اُمّید رکھ کیونکہ وہ میرے چہرے کی رَونق
اور میرا خُدا ہے۔
مَیں پِھر اُس کی سِتایش کرُوں گا۔
جَلاوطن آدمی کی پُکار
1اَے خُدا میرا اِنصاف کر اور بے دِین قَوم کے
مُقابلہ میں میری وکالت کر
اور دغاباز اور بے اِنصاف آدمی سے مُجھے چُھڑا۔
2کیونکہ تُو ہی میری قُوّت کا خُدا ہے۔ تُو نے کیوں
مُجھے ترک کر دِیا؟
مَیں دُشمن کے ظُلم کے سبب سے کیوں ماتم کرتا
پِھرتا ہُوں؟
3اپنے نُور اور اپنی سچّائی کو بھیج۔ وُہی میری
رہبری کریں۔
وُہی مُجھ کو تیرے کوہِ مُقدّس
اور تیرے مسکنوں تک پُہنچائیں۔
4تب مَیں خُدا کے مذبح کے پاس جاؤُں گا۔
خُدا کے حضُور جو میری کمال خُوشی ہے۔
اَے خُدا! میرے خُدا! مَیں سِتار بجا کر تیری
سِتایش کرُوں گا۔
5اَے میری جان! تُو کیوں گِری جاتی ہے؟
تُو اندر ہی اندر کیوں بے چَین ہے؟
خُدا سے اُمّید رکھ! کیونکہ وہ میرے چہرے کی
رَونق اور میرا خُدا ہے۔
مَیں پِھر اُس کی سِتایش کرُوں گا۔
مُحافظت کے لِئے دُعا
مِیر مُغنّی کے لِئے بنی قورح کا مزمُور۔ مشکِیل۔
1اَے خُدا! ہم نے اپنے کانوں سے سُنا۔ ہمارے
باپ دادا نے ہم سے بیان کِیا
کہ تُو نے اُن کے دِنوں میں قدِیم زمانہ میں کیا
کیا کام کِئے۔
2تُو نے قَوموں کو اپنے ہاتھ سے نِکال دِیا اور اِن
کو بسایا۔
تُو نے اُمّتوں کو تباہ کِیا اور اِن کو چاروں
طرف پَھیلایا۔
3کیونکہ نہ تو یہ اپنی تلوار سے اِس مُلک پر قابِض ہُوئے
اور نہ اِن کے بازُو نے اِن کو بچایا
بلکہ تیرے دہنے ہاتھ اور تیرے بازُو اور تیرے
چہرے کے نُور نے اِن کو فتح بخشی
کیونکہ تُو اِن سے خُوشنُود تھا۔
4اَے خُدا! تُو میرا بادشاہ ہے۔
یعقُوبؔ کے حق میں نجات کا حُکم صادِر فرما۔
5تیری بَدولت ہم اپنے مُخالِفوں کو گِرا دیں گے۔
تیرے نام سے ہم اپنے خِلاف اُٹھنے والوں کو
پامال کریں گے۔
6کیونکہ نہ تو مَیں اپنی کمان پر بھروسا کرُوں گا
اور نہ میری تلوار مُجھے بچائے گی۔
7لیکن تُو نے ہم کو ہمارے مُخالِفوں سے بچایا ہے
اور ہم سے عداوت رکھنے والوں کو شرمِندہ کِیا۔
8ہم دِن بھر خُدا پر فخر کرتے رہے ہیں
اور ہمیشہ ہم تیرے ہی نام کا شُکریہ ادا کرتے رہیں
گے۔ (سِلاؔہ)
9لیکن تُو نے تو اب ہم کو ترک کر دِیا اور ہم کو رُسوا کِیا
اور ہمارے لشکروں کے ساتھ نہیں جاتا۔
10تُو ہم کو مخالِف کے آگے پسپا کرتا ہے
اور ہم سے عداوت رکھنے والے لُوٹ مار
کرتے ہیں۔
11تُو نے ہم کو ذبح ہونے والی بھیڑوں کی مانِند کر دِیا
اور قَوموں کے درمیان ہم کو پراگندہ کِیا۔
12تُو اپنے لوگوں کو مُفت بیچ ڈالتا ہے
اور اُن کی قِیمت سے تیری دَولت نہیں بڑھتی۔
13تُو ہم کو ہمارے پڑوسیوں کی ملامت کا نِشانہ
اور ہمارے آس پاس کے لوگوں کے تمسخُر اور
مذاق کا باعِث بناتا ہے۔
14تُو ہم کو قَوموں کے درمیان ضربُ المثل
اور اُمّتوں میں سر ہلانے کا باعِث ٹھہراتا ہے۔
15میری رُسوائی دِن بھر میرے سامنے رہتی ہے
اور میرے مُنہ پر شرمِندگی چھا گئی۔
16ملامت کرنے والے اور کُفر بکنے والے کی باتوں
کے سبب سے
اور مُخالِف اور اِنتِقام لینے والے کے باعِث۔
17یہ سب کُچھ ہم پر بِیتا تَو بھی ہم تُجھ کو نہیں بُھولے
نہ تیرے عہد سے بے وفائی کی
18نہ ہمارے دِل برگشتہ ہُوئے
نہ ہمارے قدم تیری راہ سے مُڑے
19جو تُو نے ہم کو گِیدڑوں کی جگہ میں خُوب کُچلا
اور مَوت کے سایہ میں ہم کو چِھپایا۔
20اگر ہم اپنے خُدا کے نام کو بُھولے
یا ہم نے کِسی اجنبی معبُود کے آگے اپنے ہاتھ
پَھیلائے ہوں
21تو کیا خُدا اِسے دریافت نہ کر لے گا؟
کیونکہ وہ دِلوں کے بھید جانتا ہے۔
22بلکہ ہم تو دِن بھر تیری ہی خاطِر جان سے مارے
جاتے ہیں
اور گویا ذبح ہونے والی بھیڑیں سمجھے جاتے ہیں۔
23اَے خُداوند! جاگ تُو کیوں سوتا ہے؟
اُٹھ! ہمیشہ کے لِئے ہم کو ترک نہ کر۔
24تُو اپنا مُنہ کیوں چِھپاتا ہے
اور ہماری مُصِیبت اور مظلُومی کو بُھولتا ہے؟
25کیونکہ ہماری جان خاک میں مِل گئی۔
ہمارا جِسم مِٹّی ہو گیا۔
26ہماری مدد کے لِئے اُٹھ۔
اور اپنی شفقت کی خاطِر ہمارا فِدیہ دے۔
شاہی شادی کا نغمہ
مِیر مُغنّی کے لِئے شوشنِیم کے سُر پر بنی قورح کا مزمُور۔
مشکِیل۔ عرُوسی سرُود۔
1میرے دِل میں ایک نفِیس مضمُون جوش مار رہا ہے۔
مَیں وُہی مضامِین سناؤُں گا جو مَیں نے بادشاہ
کے حق میں قلم بند کِئے ہیں۔
میری زُبان ماہِر کاتب کا قلم ہے۔
2تُو بنی آدمؔ میں سب سے حسِین ہے۔
تیرے ہونٹوں میں لطافت بھری ہے
اِس لِئے خُدا نے تُجھے ہمیشہ کے لِئے مُبارک کِیا۔
3اَے زبردست! تُو اپنی تلوار کو
جو تیری حشمت و شَوکت ہے اپنی کمر سے حمائِل کر
4اور سچّائی اور حِلم اور صداقت کی خاطِر
اپنی شان و شَوکت میں اِقبال مندی سے
سوار ہو
اور تیرا دہنا ہاتھ تُجھے مُہیب کام دِکھائے گا۔
5تیرے تِیر تیز ہیں۔
وہ بادشاہ کے دُشمنوں کے دِل میں لگے ہیں۔
اُمّتیں تیرے سامنے زیر ہوتی ہیں۔
6اَے خُدا! تیرا تخت ابدُالآباد ہے۔
تیری سلطنت کا عصا راستی کا عصا ہے۔
7تُو نے صداقت سے مُحبّت رکھّی اور بدکاری
سے نفرت
اِسی لِئے خُدا تیرے خُدا نے شادمانی کے تیل سے
تُجھ کو تیرے ہمسروں سے زِیادہ مَسح کِیا ہے۔
8تیرے ہر لِباس سے مُر اور عُود اور تج کی خُوشبُو
آتی ہے۔
ہاتھی دانت کے محلّوں میں سے تاردار سازوں
نے تُجھے خُوش کِیا ہے۔
9تیری مُعزّز خواتِین میں شہزادِیاں ہیں۔
ملِکہ تیرے دہنے ہاتھ اوفِیر کے سونے سے آراستہ
کھڑی ہے۔
10اَے بیٹی! سُن۔ غَور کر اور کان لگا۔
اپنی قَوم اور اپنے باپ کے گھر کو بُھول جا
11اور بادشاہ تیرے حسُن کا مُشتاق ہو گا۔
کیونکہ وہ تیرا خُداوند ہے تُو اُسے سِجدہ کر
12اور صُور کی بیٹی ہدیہ لے کر حاضر ہو گی۔
قَوم کے دَولت مند تیری رضا جوئی کریں گے۔
13بادشاہ کی بیٹی محلّ میں سر تا پا حسُن افروز ہے۔
اُس کا لِباس زربفت کا ہے۔
14وہ بیل بُوٹے دار لِباس میں بادشاہ کے حضُور
پُہنچائی جائے گی۔
اُس کی کُنواری سہیلیاں جو اُس کے پِیچھے پِیچھے
چلتی ہیں تیرے سامنے حاضِر کی
جائیں گی۔
15وہ اُن کو خُوشی اور خُرمی سے لے آئیں گے۔
وہ بادشاہ کے محلّ میں داخِل ہوں گی۔
16تیرے بیٹے تیرے باپ دادا کے جانشِین ہوں گے
جِن کو تُو تمام رُویِ زمِین پر سردار مُقرّر کرے گا۔
17مَیں تیرے نام کی یاد کو نسل در نسل قائِم رکھُّوں گا۔
اِس لِئے اُمّتیں ابدُالآباد تیری شُکرگُذاری
کریں گی۔
خُدا ہمارے ساتھ ہے
مِیر مُغنّی کے لِئے بنی قورح کا مزمُور علاموؔت کے سُر پر۔
ایک گِیت۔
1خُدا ہماری پناہ اور قُوّت ہے۔
مُصِیبت میں مُستعِد مددگار۔
2اِس لِئے ہم کو کُچھ خَوف نہیں خواہ زمِین اُلٹ جائے
اور پہاڑ سمُندر کی تہہ میں ڈال دیئے جائیں۔
3خواہ اُس کا پانی شور مچائے اور مَوجزن ہو
اور پہاڑ اُس کی طُغیانی سے ہِل جائیں۔ (سِلاہ)
4ایک اَیسا دریا ہے جِس کی شاخوں سے خُدا کے شہر کو
یعنی حق تعالیٰ کے مُقدّس مسکن کو فرحت
ہوتی ہے۔
5خُدا اُس میں ہے۔ اُسے کبھی جُنِبش نہ ہو گی۔
خُدا صُبح سویرے اُس کی کُمک کرے گا۔
6قَومیں جُھنجلائِیں۔ سلطنتوں نے جُنبش کھائی۔
وہ بول اُٹھا۔ زمِین پِگھل گئی۔
7لشکروں کا خُداوند ہمارے ساتھ ہے۔
یعقُوب کا خُدا ہماری پناہ ہے۔ (سِلاہ)
8آؤ! خُداوند کے کاموں کو دیکھو
کہ اُس نے زمِین پر کیا کیا وِیرانِیاں کی ہیں۔
9وہ زمِین کی اِنتہا تک جنگ مَوقُوف کراتا ہے۔
وہ کمان کو توڑتا اور نیزے کے ٹُکڑے کر ڈالتا ہے۔
وہ رتھوں کو آگ سے جلا دیتا ہے۔
10خاموش ہو جاؤ اور جان لو کہ مَیں خُدا ہُوں۔
مَیں قَوموں کے درمیان سربُلند ہُوں گا۔ مَیں
ساری زمِین پر سربُلند ہُوں گا۔
11لشکروں کا خُداوند ہمارے ساتھ ہے۔
یعقُوب کا خُدا ہماری پناہ ہے۔ (سِلاہ)
سب سے اعلیٰ فرمانروا
مِیر مُغنّی کے لِئے بنی قورح کا مزمُور۔
1اَے سب اُمّتو! تالِیاں بجاؤ۔
خُدا کے لِئے خُوشی کی آواز سے للکارو۔
2کیونکہ خُداوند تعالیٰ مُہِیب ہے۔
وہ تمام رُویِ زمِین کا شہنشاہ ہے۔
3وہ اُمّتوں کو ہمارے سامنے زیر کرے گا
اور قَومیں ہمارے قدموں تلے ہو جائیں گی۔
4وہ ہمارے لِئے ہماری مِیراث کو چُنے گا۔
جو اُس کے محبُوب یعقُوب کی حشمت ہے۔
(سِلاہ)
5خُدا نے بُلند آواز کے ساتھ۔
خُداوند نے نرسِنگے کی آواز کے ساتھ صعُود فرمایا۔
6مدح سرائی کرو۔ خُدا کی مدح سرائی کرو۔
مدح سرائی کرو۔ ہمارے بادشاہ کی مدح سرائی کرو۔
7کیونکہ خُدا ساری زمِین کا بادشاہ ہے۔
عقل سے مدح سرائی کرو۔
8خُدا قَوموں پر سلطنت کرتا ہے۔
خُدا اپنے مُقدّس تخت پر بَیٹھا ہے۔
9اُمّتوں کے سردار اِکٹّھے ہُوئے ہیں
تاکہ ابرہامؔ کے خُدا کی اُمّت بن جائیں
کیونکہ زمِین کی سِپریں خُدا کی ہیں۔
وہ نہایت بُلند ہے۔
صیُّون - خُدا کا شہر
ایک گِیت۔ بنی قورح کا مزمُور۔
1ہمارے خُدا کے شہر میں۔ اپنے کوہِ مُقدّس پر
خُداوند بزُرگ اور بے حد سِتایش کے لائِق ہے۔
2شِمال کی جانِب کوہِ صِیُّون
جو بڑے بادشاہ کا شہر ہے
وہ بُلندی میں خُوش نُما اور تمام زمِین کا فخر ہے۔
3اُس کے محلّوں میں خُدا پناہ مانا جاتا ہے۔
4کیونکہ دیکھو! بادشاہ اِکٹّھے ہُوئے۔
وہ مِل کر گُذرے۔
5وہ دیکھ کر دنگ ہو گئے۔
وہ گھبرا کر بھاگے۔
6وہاں کپکپی نے اُن کو آ دبایا
اور اَیسے درد نے جَیسا دردِ زِہ۔
7تُو پُوربی ہوا سے
ترسِیس کے جہازوں کو توڑ ڈالتا ہے۔
8لشکروں کے خُداوند کے شہر میں یعنی اپنے خُدا
کے شہر میں
جَیسا ہم نے سُنا تھا وَیسا ہی ہم نے دیکھا۔
خُدا اُسے ہمیشہ برقرار رکھّے گا۔ (سِلاہ)
9اَے خُدا! تیری ہَیکل کے اندر
ہم نے تیری شفقت پر غَور کِیا ہے۔
10اَے خُدا! جَیسا تیرا نام ہے
وَیسی ہی تیری سِتایش زمِین کی اِنتہا تک ہے۔
تیرا دہنا ہاتھ صداقت سے معمُور ہے۔
11تیرے احکام کے سبب سے
کوہِ صِیُّون شادمان ہو
یہُوداؔہ کی بیٹیاں خُوشی منائیں!
12صِیُّون کے گِرد پِھرو اور اُس کا طواف کرو۔
اُس کے بُرجوں کو گِنو
13اُس کی شہر پناہ کو خُوب دیکھ لو۔
اُس کے محلّوں پر غَور کرو
تاکہ تُم آنے والی نسل کو اُس کی خبر دے سکو
14کیونکہ یہی خُدا ابدُالآباد ہمارا خُدا ہے۔
یہی مَوت تک ہمارا ہادی رہے گا۔
دَولت پر بھروسا کرنا حماقت ہے
مِیر مُغنّی کے لِئے بنی قورح کا مزمُور۔
1اَے سب اُمّتو! یہ سُنو۔
اَے جہان کے سب باشِندو کان لگاؤ۔
2کیا ادنیٰ کیا اعلیٰ۔
کیا امِیر کیا فقِیر۔
3میرے مُنہ سے حِکمت کی باتیں نِکلیں گی
اور میرے دِل کا خیال پُر خِرد ہو گا۔
4مَیں تمثِیل کی طرف کان لگاؤُں گا۔
مَیں اپنا مُعمّا سِتار پر بیان کرُوں گا۔
5مَیں مُصِیبت کے دِنوں میں کیوں ڈرُوں
جب میرا تعاقُب کرنے والی بدی مُجھے گھیرے ہو؟
6جو اپنی دَولت پر بھروسا رکھتے
اور اپنے مال کی کثرت پر فخر کرتے ہیں
7اُن میں سے کوئی کِسی طرح اپنے بھائی کا فِدیہ
نہیں دے سکتا
نہ خُدا کو اُس کا مُعاوضہ دے سکتا ہے
8(کیونکہ اُن کی جان کا فِدیہ گِراں بہا ہے۔
وہ ابد تک ادا نہ ہو گا)
9تاکہ وہ ابد تک جِیتا رہے
اور قبر کو نہ دیکھے۔
10کیونکہ وہ دیکھتا ہے کہ دانِش مند مَر جاتے ہیں۔
بیوُقُوف و حَیوان خصلت باہم ہلاک ہوتے ہیں
اور اپنی دَولت اَوروں کے لِئے چھوڑ جاتے ہیں۔
11اُن کا دِلی خیال یہ ہے کہ اُن کے گھر ہمیشہ تک
اور اُن کے مسکن پُشت در پُشت بنے رہیں گے۔
وہ اپنی زمِین اپنے ہی نام سے نامزد کرتے ہیں۔
12پر اِنسان عِزّت کی حالت میں قائِم نہیں رہتا۔
وہ جانوروں کی مانِند ہے جو فنا ہو جاتے ہیں۔
13اُن کا یہ طرِیق اُن کی حماقت ہے۔
تَو بھی اُن کے بعد لوگ اُن کی باتوں کو پسند کرتے
ہیں۔ (سِلاہ)
14وہ گویا پاتال کا ریوڑ ٹھہرائے گئے ہیں۔
مَوت اُن کی پاسبان ہو گی۔
دِیانت دار صُبح کو اُن پر مُسلّط ہو گا
اور اُن کا حُسن پاتال کا لُقمہ ہو کر بے ٹِھکانا ہو گا۔
15لیکن خُدا میری جان کو پاتال کے اِختیار سے
چُھڑا لے گا
کیونکہ وُہی مُجھے قبُول کرے گا۔ (سِلاہ)
16جب کوئی مال دار ہو جائے۔
جب اُس کے گھر کی حشمت بڑھے تو تُو خَوف نہ کر
17کیونکہ وہ مَر کر کُچھ ساتھ نہ لے جائے گا۔
اُس کی حشمت اُس کے ساتھ نہ جائے گی۔
18خواہ جِیتے جی وہ اپنی جان کو مُبارک کہتا رہا ہو
(اور جب تُو اپنا بھلا کرتا ہے تو لوگ تیری تعرِیف
کرتے ہیں)
19تَو بھی وہ اپنے باپ دادا کی گروہ سے جا مِلے گا۔
وہ رَوشنی کو ہرگِز نہ دیکھیں گے۔
20آدمی جو عِزّت کی حالت میں رہتا ہے پر خِرد
نہیں رکھتا
جانوروں کی مانِند ہے جو فنا ہو جاتے ہیں۔
حقیِقی عِبادت
آسف کا مزمُور۔
1رب خُداوند خُدا نے کلام کِیا
اور مشرِق سے مغرِب تک دُنیا کو بُلایا۔
2صِیُّون سے جو حُسن کا کمال ہے
خُدا جلوہ گر ہُؤا ہے۔
3ہمارا خُدا آئے گا اور خاموش نہیں رہے گا۔
آگ اُس کے آگے آگے بھسم کرتی جائے گی
اور اُس کی چاروں طرف بڑی آندھی چلے گی۔
4اپنی اُمّت کی عدالت کرنے کے لئے
وہ آسمان و زمِین کو طلب کرے گا
5کہ میرے مُقدّسوں کو میرے حضُور جمع کرو
جِنہوں نے قُربانی کے ذرِیعہ سے میرے ساتھ
عہد باندھا ہے
6اور آسمان اُس کی صداقت بیان کریں گے
کیونکہ خُدا آپ ہی اِنصاف کرنے والا
ہے۔ (سِلاہ)
7اَے میری اُمّت سُن۔ مَیں کلام کرُوں گا
اور اَے اِسرائیل! مَیں تُجھ پر گواہی دُوں گا۔
خُدا۔ تیرا خُدا مَیں ہی ہُوں۔
8مَیں تُجھے تیری قُربانِیوں کے سبب سے ملامت
نہیں کرُوں گا
اور تیری سوختنی قُربانِیاں برابر میرے سامنے
رہتی ہیں۔
9نہ مَیں تیرے گھر سے بَیل لُوں گا
نہ تیرے باڑے سے بکرے
10کیونکہ جنگل کا ایک ایک جانور
اور ہزاروں پہاڑوں کے چَوپائے میرے
ہی ہیں۔
11مَیں پہاڑوں کے سب پرِندوں کو جانتا ہُوں
اور مَیدان کے درِندے میرے ہی ہیں۔
12اگر مَیں بُھوکا ہوتا تو تُجھ سے نہ کہتا
کیونکہ دُنیا اور اُس کی معمُوری میری ہی ہے۔
13کیا مَیں سانڈوں کا گوشت کھاؤُں گا۔
یا بکروں کا خُون پِیؤُں گا؟
14خُدا کے لِئے شُکرگُذاری کی قُربانی گُذران
اور حق تعالیٰ کے لِئے اپنی مَنّتیں پُوری کر
15اور مُصِیبت کے دِن مُجھ سے فریاد کر۔
مَیں تُجھے چُھڑاؤُں گا اور تُو میری تمجِید کرے گا۔
16لیکن خُدا شرِیر سے کہتا ہے
تُجھے میرے آئِین بیان کرنے سے کیا واسطہ
اور تُو میرے عہد کو اپنی زُبان پر کیوں لاتا ہے؟
17جب کہ تُجھے تربِیّت سے عداوت ہے
اور میری باتوں کو پِیٹھ پِیچھے پھینک دیتا ہے۔
18تُو چور کو دیکھ کر اُس سے مِل گیا
اور زانِیوں کا شرِیک رہا ہے۔
19تیرے مُنہ سے بدی نِکلتی ہے
اور تیری زُبان فریب گھڑتی ہے۔
20تُو بَیٹھا بَیٹھا اپنے بھائی کی غِیبت کرتا ہے
اور اپنی ہی ماں کے بیٹے پر تُہمت لگاتا ہے۔
21تُو نے یہ کام کِئے اور مَیں خاموش رہا۔
تُو نے گُمان کِیا کہ مَیں بِالکل تُجھ ہی سا ہُوں
لیکن مَیں تُجھے ملامت کر کے اِن کو تیری آنکھوں کے
سامنے ترتِیب دُوں گا۔
22اب اَے خُدا کو بُھولنے والو! اِسے سوچ لو۔
اَیسا نہ ہو کہ مَیں تُم کو پھاڑ ڈالُوں اور کوئی چُھڑانے
والا نہ ہو۔
23جو شُکرگُذاری کی قُربانی گُذرانتا ہے وہ میری
تمجِید کرتا ہے
اور جو اپنا چال چلن درُست رکھتا ہے
اُس کو مَیں خُدا کی نجات دِکھاؤُں گا۔
مُعافی کے لِئے اِلتجا
مِیر مُغنّی کے لِئے داؤُد کا مزمُور۔ اُس کے بت سبع کے
پاس جانے کے بعد جب ناتن نبی اُس کے پاس آیا۔
1اَے خُدا! اپنی شفقت کے مُطابِق مُجھ پر رحم کر۔
اپنی رحمت کی کثرت کے مُطابِق میری خطائیں
مِٹا دے۔
2میری بدی کو مُجھ سے دھو ڈال
اور میرے گُناہ سے مُجھے پاک کر۔
3کیونکہ مَیں اپنی خطاؤں کو مانتا ہُوں
اور میرا گُناہ ہمیشہ میرے سامنے ہے۔
4مَیں نے فقط تیرا ہی گُناہ کِیا ہے
اور وہ کام کِیا ہے جو تیری نظر میں بُرا ہے
تاکہ تُو اپنی باتوں میں راست ٹھہرے
اور اپنی عدالت میں بے عَیب رہے۔
5دیکھ! مَیں نے بدی میں صُورت پکڑی
اور مَیں گُناہ کی حالت میں ماں کے پیٹ میں پڑا۔
6دیکھ تُو باطِن کی سچّائی پسند کرتا ہے
اور باطِن ہی میں مُجھے دانائی سِکھائے گا۔
7زُوفے سے مُجھے صاف کر تو مَیں پاک ہُوں گا۔
مُجھے دھو اور مَیں برف سے زِیادہ سفید ہُوں گا۔
8مُجھے خُوشی اور خُرّمی کی خبر سُنا
تاکہ وہ ہڈّیاں جو تُو نے توڑ ڈالی ہیں
شادمان ہوں۔
9میرے گُناہوں کی طرف سے اپنا مُنہ پھیر لے
اور میری سب بدکاری مِٹا ڈال۔
10اَے خُدا! میرے اندر پاک دِل پَیدا کر
اور میرے باطِن میں ازسرِنو مُستقِیم رُوح ڈال۔
11مُجھے اپنے حضُور سے خارِج نہ کر
اور اپنی پاک رُوح کو مُجھ سے جُدا نہ کر۔
12اپنی نجات کی شادمانی مُجھے پِھر عِنایت کر
اور مُستعِد رُوح سے مُجھے سنبھال۔
13تب مَیں خطاکاروں کو تیری راہیں سِکھاؤُں گا
اور گُنہگار تیری طرف رجُوع کریں گے۔
14اَے خُدا! اَے میرے نجات بخش خُدا مُجھے خُون
کے جُرم سے چُھڑا
تو میری زُبان تیری صداقت کا گِیت گائے گی۔
15اَے خُداوند! میرے ہونٹوں کو کھول دے
تو میرے مُنہ سے تیری سِتایش نِکلے گی
16کیونکہ قُربانی میں تیری خُوشنُودی نہیں ورنہ مَیں دیتا۔
سوختنی قُربانی سے تُجھے کُچھ خُوشی نہیں۔
17شِکستہ رُوح خُدا کی قُربانی ہے۔
اَے خُدا تُو شِکستہ اور خستہ دِل کو حقِیر نہ جانے گا۔
18اپنے کرم سے صِیُّون کے ساتھ بھلائی کر۔
یروشلِیم کی فصِیل کو تعمِیر کر۔
19تب تُو صداقت کی قُربانیوں اور سوختنی قُربانی اور
پُوری سوختنی قُربانی سے خُوش ہو گا
اور وہ تیرے مذبح پر بچھڑے چڑھائیں گے۔
خُدا کا قَہر اور فضل
مِیر مُغنّی کے لِئے داؤُد کا مشکِیل جب ادُومی دوئیگ نے
جا کر ساؤُؔل کو بتایا کہ داؤُد اخِیملک کے گھر میں داخِل
ہُؤاہے۔
1اَے زبردست! تُو شرارت پر کیوں فخر کرتا ہے؟
خُدا کی شفقت دائِمی ہے۔
2تیری زُبان محض شرارت اِیجاد کرتی ہے۔
اَے دغاباز! وہ تیز اُسترے کی مانِند ہے۔
3تُو بدی کو نیکی سے زِیادہ پسند کرتا ہے
اور جُھوٹ کو صداقت کی بات سے۔ (سِلاہ)
4اَے دغاباز زُبان!
تُو مُہلِک باتوں کو پسند کرتی ہے۔
5خُدا بھی تُجھے ہمیشہ کے لِئے ہلاک کر ڈالے گا۔
وہ تُجھے پکڑ کر تیرے خَیمہ سے نِکال پھینکے گا
اور زِندوں کی زمِین سے تُجھے اُکھاڑ ڈالے
گا۔ (سِلاہ)
6صادِق بھی اِس بات کو دیکھ کر ڈر جائیں گے
اور اُس پر ہنسیں گے
7کہ دیکھو یہ وُہی آدمی ہے جِس نے خُدا کو اپنی
پناہ گاہ نہ بنایا
بلکہ اپنے مال کی فراوانی پر بھروسا کِیا
اور شرارت میں پکّا ہو گیا
8لیکن مَیں تو خُدا کے گھر میں زَیتُون کے ہرے
درخت کی مانِند ہُوں۔
میرا توکُّل ابدُالآباد خُدا کی شفقت پر ہے۔
9مَیں ہمیشہ تیری شُکرگُذاری کرتا رہُوں گا کیونکہ تُو
ہی نے یہ کِیا ہے
اور مُجھے تیرے ہی نام کی آس ہو گی کیونکہ وہ
تیرے مُقدّسوں کے نزدِیک خُوب ہے۔
اِنسان کی بدخَصلتی
مِیر مُغنّی کے لِئے محلَت کے سُر پر داؤُد کا مشکِیل۔
1احمق نے اپنے دِل میں کہا ہے کہ کوئی خُدا نہیں۔
وہ بگڑ گئے۔
اُنہوں نے نفرت انگیز بدی کی ہے۔
کوئی نیکوکار نہیں۔
2خُدا نے آسمان پر سے بنی آدمؔ پر نِگاہ کی
تاکہ دیکھے کہ کوئی دانِش مند۔
کوئی خُدا کا طالِب ہے یا نہیں۔
3وہ سب کے سب پِھر گئے ہیں۔
وہ باہم نِجس ہو گئے۔
کوئی نیکوکار نہیں۔ ایک بھی نہیں۔
4کیا اُن سب بدکرداروں کو کُچھ عِلم نہیں
جو میرے لوگوں کو اَیسے کھاتے ہیں جَیسے روٹی
اور خُدا کا نام نہیں لیتے؟
5وہاں اُن پر بڑا خَوف چھا گیا
گو خَوف کی کوئی بات نہ تھی
کیونکہ خُدا نے اُن کی ہڈِّیاں جو تیرے خِلاف خَیمہ زن تھے بکھیر دِیں۔
تُو نے اُن کو شرمِندہ کر دِیا۔
اِس لِئے کہ خُدا نے اُن کو ردّ کر دِیا ہے۔
6کاش کہ اِسرائیل کی نجات صِیُّون میں سے ہوتی!
جب خُدا اپنے لوگوں کو اسِیری سے لَوٹا لائے گا
تو یعقُوب خُوش اور اِسرائیل شادمان ہو گا۔
دُشمنوں سے حِفاظت کی مُناجات
مِیر مُغنّی کے لِئے تاردار سازوں کے ساتھ داؤُد کا مشکِیل۔
اُس وقت کا جب زیفِیون نے جا کر ساؤُل سے کہا
کیا داؤُد ہمارے ہاں چِھپا ہُؤا نہیں؟
1اَے خُدا! اپنے نام کے وسِیلہ سے مُجھے بچا
اور اپنی قُدرت سے میرا اِنصاف کر۔
2اَے خُدا! میری دُعا سُن لے۔
میرے مُنہ کی باتوں پر کان لگا۔
3کیونکہ بیگانے میرے خِلاف اُٹھے ہیں
اور تُند خُو لوگ میری جان کے خواہاں ہُوئے ہیں۔
اُنہوں نے خُدا کو اپنے رُوبرُو نہیں رکھّا۔ (سِلاہ)
4دیکھو! خُدا میرا مددگار ہے۔
خُداوند میری جان کو سنبھالنے والوں میں ہے۔
5وہ بُرائی کو میرے دُشمنوں ہی پر لَوٹا دے گا۔
تُو اپنی سچّائی کی رُو سے اُن کو فنا کر۔
6مَیں تیرے حضُور رضا کی قُربانی چڑھاؤُں گا۔
اَے خُداوند! مَیں تیرے نام کی شُکرگُذاری کرُوں گا
کیونکہ وہ خُوب ہے۔
7کیونکہ اُس نے مُجھے سب مُصِیبتوں سے چُھڑایا ہے
اور میری آنکھ نے میرے دُشمنوں کو دیکھ لِیا ہے۔
اُس آدمی کی دُعا جِس کے دوست نے اُسے دھوکا دِیا
مِیر مُغنّی کے لِئے تاردار سازوں کے ساتھ داؤُد کا
مشکِیل۔
1اَے خُدا! میری دُعا پر کان لگا
اور میری مِنّت سے مُنہ نہ پھیر۔
2میری طرف مُتوجِّہ ہو اور مُجھے جواب دے۔
مَیں غم سے بے قرار ہو کر کراہتا ہُوں۔
3دُشمن کے آوازہ سے
اور شرِیر کے ظُلم کے باعِث
کیونکہ وہ مُجھ پر بدی لادتے
اور قہر میں مُجھے ستاتے ہیں۔
4میرا دِل مُجھ میں بیتاب ہے
اور مَوت کا ہول مُجھ پر چھا گیا ہے۔
5خَوف اور کپکپی مُجھ پر طاری ہے۔
ہَیبت نے مُجھے دبا لِیا ہے
6اور مَیں نے کہا کاش کہ کبُوتر کی طرح میرے
پَر ہوتے
تو مَیں اُڑ جاتا اور آرام پاتا!
7پِھر تو مَیں دُور نِکل جاتا
اور بیابان میں بسیرا کرتا۔ (سِلاہ)
8مَیں آندھی کے جھوکے اور طُوفان سے
کِسی پناہ کی جگہ میں بھاگ جاتا۔
9اَے خُداوند! اُن کو ہلاک کر اور اُن کی زُبان میں
تفرقہ ڈال
کیونکہ مَیں نے شہر میں ظُلم اور جھگڑا دیکھا ہے۔
10دِن رات وہ اُس کی فصِیل پر گشت لگاتے ہیں۔
بدی اور فساد اُس کے اندر ہیں۔
11شرارت اُس کے بِیچ میں بسی ہُوئی ہے۔
سِتم اور فریب اُس کے کُوچوں سے دُور
نہیں ہوتے۔
12جِس نے مُجھے ملامت کی وہ دُشمن نہ تھا
ورنہ مَیں اُس کو برداشت کر لیتا
اور جِس نے میرے خِلاف تکبُّر کِیا وہ مُجھ سے
عداوت رکھنے والا نہ تھا
نہیں تو مَیں اُس سے چِھپ جاتا
13بلکہ وہ تو تُو ہی تھا جو میرا ہمسر۔
میرا رفِیق اور دِلی دوست تھا۔
14ہماری باہمی گُفتگُو شِیرین تھی
اور ہجُوم کے ساتھ خُدا کے گھر میں پِھرتے تھے۔
15اُن کو مَوت اچانک آ دبائے۔
وہ جِیتے جی پاتال میں اُتر جائیں
کیونکہ شرارت اُن کے مسکنوں میں اور اُن کے
اندر ہے۔
16پر مَیں تو خُدا کو پُکارُوں گا
اور خُداوند مُجھے بچا لے گا۔
17صُبح و شام اور دوپہر کو مَیں فریاد کرُوں گا اور کراہتا
رہُوں گا
اور وہ میری آواز سُن لے گا۔
18اُس نے اُس لڑائی سے جو میرے خِلاف تھی
میری جان کو سلامت چُھڑا لِیا۔
کیونکہ مُجھ سے جھگڑا کرنے والے بُہت تھے۔
19خُدا جو قدِیم سے ہے
سُن لے گا اور اُن کو جواب دے گا۔ (سِلاہ)
یہ وہ ہیں جِن کے لِئے اِنقلاب نہیں
اور جو خُدا سے نہیں ڈرتے۔
20اُس شخص نے اَیسوں پر ہاتھ بڑھایا ہے جو اُس
سے صُلح رکھتے تھے۔
اُس نے اپنے عہد کو توڑ دِیا ہے۔
21اُس کا مُنہ مکھّن کی مانِند چِکنا تھا
پر اُس کے دِل میں جنگ تھی۔
اُس کی باتیں تیل سے زِیادہ مُلائِم
پر ننگی تلواریں تِھیں۔
22اپنا بوجھ خُداوند پر ڈال دے۔ وہ تُجھے سنبھالے گا۔
وہ صادِق کو کبھی جُنبش نہ کھانے دے گا۔
23لیکن اَے خُدا! تُو اُن کو ہلاکت کے گڑھے میں
اُتارے گا۔
خُونی اور دغاباز اپنی آدھی عُمر تک بھی جِیتے نہ
رہیں گے
پر مَیں تُجھ پر توکُّل کرُوں گا۔
خُدا پر توکُّل کی دُعا
مِیر مُغنّی کے لِئے یونت اَیلیم رخوقِیم کے سُرپر داؤُد کا
مزمُور۔ مِکتام۔ اُس وقت کا جب فلِستِیوں نے اُسے
جات میں پکڑ لِیا۔
1اَے خُدا! مُجھ پر رحم فرما کیونکہ اِنسان مُجھے نِگلنا
چاہتا ہے۔
وہ دِن بھر لڑ کر مُجھے ستاتا ہے۔
2میرے دُشمن دِن بھر مُجھے نِگلنا چاہتے ہیں
کیونکہ جو غرُور کر کے مُجھ سے لڑتے ہیں وہ
بُہت ہیں۔
3جِس وقت مُجھے ڈر لگے گا
مَیں تُجھ پر توکُّل کرُوں گا۔
4میرا فخر خُدا پر اور اُس کے کلام پر ہے۔
میرا توکُّل خُدا پر ہے۔ مَیں ڈرنے
کا نہیں۔
بشر میرا کیا کر سکتا ہے؟
5وہ دِن بھر میری باتوں کو مروڑتے رہتے ہیں۔
اُن کے خیال سراسر یِہی ہیں کہ مُجھ سے
بدی کریں۔
6وہ اِکٹّھے ہو کر چِھپ جاتے ہیں۔
وہ میرے نقشِ قدم کو دیکھتے بھالتے ہیں
کیونکہ وہ میری جان کی گھات میں ہیں۔
7کیا وہ بدکاری کر کے بچ جائیں گے؟
اَے خُدا قہر میں اُمّتوں کو گِرا دے۔
8تُو میری آوارگی کا حِساب رکھتا ہے۔
میرے آنسُوؤں کو اپنے مشکِیزہ میں رکھ لے۔
کیا وہ تیری کِتاب میں مندرج نہیں ہیں؟
9تب تو جِس دِن مَیں فریاد کرُوں گا میرے دُشمن
پسپا ہوں گے۔
مُجھے یہ معلُوم ہے کہ خُدا میری طرف ہے۔
10میرا فخر خُدا پر اور اُس کے کلام پر ہے۔
میرا فخر خُداوند پر اور اُس کے کلام پر ہے۔
11میرا توکُّل خُدا پر ہے۔ مَیں ڈرنے کا نہیں۔
اِنسان میرا کیا کر سکتا ہے؟
12اَے خُدا! تیری مَنّتیں مُجھ پر ہیں۔
مَیں تیرے حضُور شُکرگُذاری کی قُربانِیاں
گُذرانوں گا۔
13کیونکہ تُو نے میری جان کو مَوت سے چُھڑایا۔
کیا تُو نے میرے پاؤں کو پِھسلنے سے
نہیں بچایا
تاکہ مَیں خُدا کے سامنے
زِندوں کے نُور میں چلُوں؟
مدد کے لِئے اِلتجا
مِیر مُغنّی کے لِئے التشخیت کے سُر پر داؤُد کا مزمُور۔
مِکتام۔ اُس وقت کا جب وہ مغارہ میں ساؤُؔل سے بھاگا۔
1مُجھ پر رحم کر اَے خُدا! مُجھ پر رحم کر
کیونکہ میری جان تیری پناہ لیتی ہے۔
مَیں تیرے پروں کے سایہ میں پناہ لُوں گا
جب تک یہ آفتیں گُذر نہ جائیں۔
2مَیں خُدا تعالیٰ سے فریاد کرُوں گا۔
خُدا سے جو میرے لِئے سب کُچھ کرتا ہے۔
3وہ میری نجات کے لِئے آسمان سے بھیجے گا۔
جب وہ جو مُجھے نِگلنا چاہتا ہے ملامت کرتا
ہو۔ (سِلاہ)
خُدا اپنی شفقت اور سچّائی کو بھیجے گا۔
4میری جان بَبروں کے درمیان ہے۔
مَیں آتش مِزاج لوگوں میں پڑا ہُوں۔
یعنی اَیسے لوگوں میں جِن کے دانت برچِھیاں
اور تِیر ہیں۔
جِن کی زُبان تیز تلوار ہے۔
5اَے خُدا تُو آسمان پر سرفراز ہو!
تیرا جلال ساری زمِین پر ہو!
6اُنہوں نے میرے پاؤں کے لِئے جال لگایا ہے۔
میری جان عاجِز آ گئی۔
اُنہوں نے میرے آگے گڑھا کھودا۔
وہ خُود اُس میں گِر پڑے۔ (سِلاہ)
7میرا دِل قائِم ہے۔ اَے خُدا! میرا دِل قائِم ہے۔
مَیں گاؤُں گا بلکہ مَیں مدح سرائی کرُوں گا۔
8اَے میری شَوکت! بیدار ہو۔ اَے بربط اور
سِتار جاگو۔
مَیں خُود صُبح سویرے جاگ اُٹُھوں گا۔
9اَے خُداوند! مَیں لوگوں میں تیرا شُکر کرُوں گا۔
مَیں اُمّتوں میں تیری مدح سرائی کرُوں گا۔
10کیونکہ تیری شفقت آسمان کے
اور تیری سچّائی افلاک کے برابر بُلند ہے۔
11اَے خُدا تُو آسمان پر سرفراز ہو!
تیرا جلال ساری زمِین پر ہو!
خُدا سے درخواست کہ شرِیروں کو سزا دے
مِیر مُغنّی کے لِئے التشخیت کے سُر پر داؤُد کا مزمُور۔ مِکتاؔم۔
1اَے بزُرگو! کیا تُم در حقِیقت راست گوئی کرتے ہو؟
اَے بنی آدمؔ! کیا تُم ٹِھیک عدالت کرتے ہو؟
2بلکہ تُم تو دِل ہی دِل میں شرارت کرتے ہو
اور زمِین پر اپنے ہاتھوں سے ظُلم پَیمائی کرتے ہو۔
3شرِیر پَیدایش ہی سے کج رَوی اِختیار کرتے ہیں۔
وہ پَیدا ہوتے ہی جُھوٹ بول کر گُمراہ ہو جاتے ہیں۔
4اُن کا زہر سانپ کا سا زہر ہے۔
وہ بہرے افعی کی مانِند ہیں جو کان بند کر لیتا ہے۔
5جو منتر پڑھنے والوں کی آواز ہی نہیں سُنتا
خواہ وہ کتنی ہی ہوشیاری سے منتر پڑھیں۔
6اَے خُدا! تُو اُن کے دانت اُن کے مُنہ میں توڑ دے۔
اَے خُداوند! بَبر کے بچّوں کی داڑھیں توڑ ڈال۔
7وہ گُھل کر بہتے پانی کی مانِند ہو جائیں۔
جب وہ اپنے تِیر چلائے تو وہ گویا کُند پَیکان ہوں۔
8وہ اَیسے ہو جائیں جَیسے گھونگا جو گل کر فنا ہو جاتا ہے
اور جَیسے عَورت کا اِسقاط جِس نے سُورج کو دیکھا ہی نہیں۔
9اِس سے پہلے کہ تُمہاری ہانڈِیوں کو کانٹوں کی آنچ لگے
وہ ہرے اور جلتے دونوں کو یکساں بگولے سے اُڑا لے جائے گا۔
10صادِق اِنتقام کو دیکھ کر خُوش ہو گا۔
وہ شرِیر کے خُون سے اپنے پاؤں تر کرے گا۔
11تب لوگ کہیں گے یقِیناً صادِق کے لِئے اجر ہے۔
بے شک خُدا ہے جو زمِین پر عدالت کرتا ہے۔
سلامتی کے لِئے اِلتجا
مِیر مُغنّی کے لِئے التشخیت کے سُرپر داؤُد کا مزمُور۔
مِکتام۔ اُس وقت کا جب ساؤُؔل نے لوگ بھیجے اور اُنہوں
نے اُس کے گھر پر پہرا لگا دِیا تاکہ اُسے مار ڈالیں۔
1اَے میرے خُدا! مُجھے میرے دُشمنوں سے چُھڑا۔
مُجھے میرے خِلاف اُٹھنے والوں پر سرفراز کر۔
2مُجھے بدکرداروں سے چُھڑا
اور خُون خوار آدمِیوں سے مُجھے بچا۔
3کیونکہ دیکھ! وہ میری جان کی گھات میں ہیں۔
اَے خُداوند! میری خطا یا میرے گُناہ کے بغَیر زبردست لوگ
میرے خِلاف اِکٹّھے ہوتے ہیں۔
4وہ مُجھ بے قصُور پر دَوڑ دَوڑ کر تیّار ہوتے ہیں
میری کُمک کے لِئے جاگ اور دیکھ!
5اَے خُداوند لشکروں کے خُدا۔ اِسرائیل کے خُدا!
سب قَوموں کے مُحاسبہ کے لِئے اُٹھ۔
کِسی دغاباز خطاکار پر رحم نہ کر۔ (سِلاہ)
6وہ شام کو لَوٹتے اور کُتّے کی طرح بھَونکتے ہیں
اور شہر کے گِرد پِھرتے ہیں۔
7دیکھ! وہ اپنے مُنہ سے ڈکارتے ہیں۔
اُن کے لبوں کے اندر تلواریں ہیں۔
کیونکہ وہ کہتے ہیں کون سُنتا ہے؟
8پر اَے خُداوند! تُو اُن پر ہنسے گا۔
تُو تمام قَوموں کو ٹھٹھّوں میں اُڑائے گا۔
9اَے میری قُوّت! مُجھے تیری ہی آس ہو گی
کیونکہ خُدا میرا اُونچا بُرج ہے۔
10میرا خُدا اپنی شفقت سے میرا پیش رَو ہو گا۔
خُدا مُجھے میرے دُشمنوں کی پستی دِکھائے گا۔
11اُن کو قتل نہ کر مبادا میرے لوگ بُھول جائیں۔
اَے خُداوند! اَے ہماری سِپر!
اپنی قُدرت سے اُن کو پراگندہ کر کے پست کر دے۔
12وہ اپنے مُنہ کے گُناہ اور اپنے ہونٹوں کی باتوں
اور اپنی لعن طعن اور جُھوٹ بولنے کے باعِث
اپنے غرُور میں پکڑے جائیں۔
13قہر میں اُن کو فنا کر دے۔
فنا کر دے تاکہ وہ نابُود ہو جائیں
اور وہ زمِین کی اِنتہا تک جان لیں
کہ خُدا یعقُوب پر حُکمران ہے۔ (سِلاہ)
14پِھر شام کو وہ لَوٹیں اور کُتّے کی طرح بَھونکیں
اور شہر کے گِرد پِھریں۔
15وہ کھانے کی تلاش میں مارے مارے پِھریں
اور اگر آسُودہ نہ ہوں تو ساری رات ٹھہرے رہیں۔
16لیکن مَیں تیری قُدرت کا گِیت گاؤُں گا
بلکہ صُبح کو بُلند آواز سے تیری شفقت کا گِیت گاؤُں گا
کیونکہ تُو میرا اُونچا بُرج ہے
اور میری مُصِیبت کے دِن میری پناہ گاہ۔
17اَے میری قُوّت! مَیں تیری مدح سرائی کرُوں گا
کیونکہ خُدا میرا شفِیق خُدا میرا اُونچا بُرج ہے۔
رہائی کے لِئے اِلتجا
مِیر مُغنّی کے لِئے تعلِیم کے لِئے داؤُد کا مِکتام۔ سوسن
عیدُوت کے سُر پر اُس وقت کا جب وہ مسوپتامیہ اور
اَرامِ ضوباہ سے لڑا اور یوآب نے لَوٹ کر وادیِ شور
میں بارہ ہزار ادُومِیوں کو مارا۔
1اَے خُدا! تُو نے ہمیں ردّ کِیا۔
تُو نے ہمیں شِکستہ حال کر دِیا۔
تُو ناراض رہا ہے۔ ہمیں پِھر بحال کر۔
2تُو نے زمِین کو لرزا دِیا۔ تُو نے اُسے پھاڑ ڈالا ہے۔
اُس کے رخنے بند کر دے کیونکہ وہ لرزان ہے۔
3تُو نے اپنے لوگوں کو سختِیاں دِکھائیں۔
تُو نے ہم کو لڑکھڑا دینے والی مَے پِلائی۔
4جو تُجھ سے ڈرتے ہیں تُو نے اُن کو ایک جھنڈا
دِیا ہے۔
تاکہ وہ حق کی خاطر بُلند کِیا جائے۔ (سِلاہ)
5اپنے دہنے ہاتھ سے بچا اور ہمیں جواب دے۔
تاکہ تیرے محبُوب بچائے جائیں۔
6خُدا نے اپنی قُدُّوسِیّت میں فرمایا ہے مَیں خُوشی
کرُوں گا۔
مَیں سِکم کو تقسیم کرُوں گا اور سُکّات کی وادی کو
بانٹُوں گا۔
7جِلعاد میرا ہے منَسّی بھی میرا ہے۔
اِفرائِیم میرے سر کا خود ہے۔
یہُوداؔہ میرا عصا ہے۔
8موآؔب میری چلپچی ہے۔
ادوؔم پر مَیں جُوتا پھینکُوں گا۔
اَے فِلستِین! میرے سبب سے للکار۔
9مُجھے اُس مُحکم شہر میں کَون پُہنچائے گا؟
کَون مُجھے ادوؔم تک لے گیا ہے؟
10اَے خُدا! کیا تُو نے ہمیں ردّ نہیں کر دِیا؟
اَے خُدا! تُو ہمارے لشکروں کے ساتھ نہیں جاتا۔
11مُخالِف کے مُقابلہ میں ہماری کُمک کر
کیونکہ اِنسانی مدد عبث ہے۔
12خُدا کی مدد سے ہم بہادری کریں گے
کیونکہ وُہی ہمارے مُخالِفوں کو پامال کرے گا۔
مُحافظت کے لِئے درخواست
مِیر مُغنّی کے لِئے تاردار ساز کے ساتھ داؤُد کا مزمُور۔
1اَے خُدا میری فریاد سُن!
میری دُعا پر توجُّہ کر۔
2مَیں اپنی افسُردہ دِلی میں زمِین کی اِنتِہا سے تُجھے
پکارُوں گا۔
تُو مُجھے اُس چٹان پر لے چل جو مُجھ سے اُونچی ہے
3کیونکہ تُو میری پناہ رہا ہے
اور دُشمن سے بچنے کے لِئے اُونچا بُرج۔
4مَیں ہمیشہ تیرے خَیمہ میں رہُوں گا۔
مَیں تیرے پروں کے سایہ میں پناہ لُوں
گا۔ (سِلاہ)
5کیونکہ اَے خُدا تُو نے میری مَنّتیں قبُول کی ہیں۔
تُو نے مُجھے اُن لوگوں کی سی مِیراث بخشی ہے جو
تیرے نام سے ڈرتے ہیں۔
6تُو بادشاہ کی عُمر دراز کرے گا۔
اُس کی عُمر بُہت سی پُشتوں کے برابر ہو گی۔
7وہ خُدا کے حضُور ہمیشہ قائِم رہے گا۔
تو شفقت اور سچّائی کو اُس کی حِفاظت کے لِئے مُہیّا کر۔
8یُوں مَیں ہمیشہ تیری مدح سرائی کرُوں گا
تاکہ روزانہ اپنی مَنّتیں پُوری کرُوں۔
خُدا کی مُحافظت پر اِعتماد
مِیر مُغنّی کے لِئے یدُوتون کے طَور پر داؤُد کا مزمُور۔
1میری جان کو خُدا ہی کی آس ہے۔
میری نجات اُسی سے ہے۔
2وُہی اکیلا میری چٹان اور میری نجات ہے۔
وُہی میرا اُونچا بُرج ہے۔ مُجھے زِیادہ جُنبِش
نہ ہو گی۔
3تُم کب تک اَیسے شخص پر حملہ کرتے رہو گے
جو جُھکی ہُوئی دِیوار اور ہِلتی باڑ کی مانِند ہے
تاکہ سب مِل کر اُسے قتل کرو؟
4وہ اُس کو اُس کے مرتبہ سے گِرا دینے ہی کا مشوَرہ
کرتے رہتے ہیں۔
وہ جُھوٹ سے خُوش ہوتے ہیں۔
وہ اپنے مُنہ سے تو برکت دیتے ہیں پر دِل میں
لَعنت کرتے ہیں۔ (سِلاہ)
5اَے میری جان! خُدا ہی کی آس رکھ
کیونکہ اُسی سے مُجھے اُمّید ہے۔
6وُہی اکیلا میری چٹان اور میری نجات ہے۔
وُہی میرا اُونچا بُرج ہے۔ مُجھے جُنبِش نہ ہو گی۔
7میری نجات اور میری شَوکت خُدا کی طرف
سے ہے۔
خُدا ہی میری قُوّت کی چٹان اور میری پناہ ہے۔
8اَے لوگو! ہر وقت اُس پر توکُّل کرو۔
اپنے دِل کا حال اُس کے سامنے کھول دو۔
خُدا ہماری پناہ گاہ ہے۔ (سِلاہ)
9یقِیناً ادنیٰ لوگ بے ثبات ہیں اور اعلیٰ آدمی جُھوٹے۔
وہ ترازُو میں ہلکے نِکلیں گے۔
وہ سب کے سب بے ثباتی سے بھی ہیچ ہیں۔
10ظُلم پر تکیہ نہ کرو۔
لُوٹ مار کرنے پر نہ پُھولو۔
اگر مال بڑھ جائے تو اُس پر دِل نہ لگاؤ۔
11خُدا نے ایک بار فرمایا۔
مَیں نے یہ دو بار سُنا
کہ قُدرت خُدا ہی کی ہے۔
12شفقت بھی اَے خُداوند! تیری ہی ہے
کیونکہ تُو ہر شخص کو اُس کے عمل کے مُطابِق بدلہ
دیتا ہے۔
خُدا کے لِئے اِشتیاق
داؤُد کا مزمُور۔ جب وہ دشتِ یہُوداؔہ میں تھا۔
1اَے خُدا! تُو میرا خُدا ہے۔ مَیں دِل سے تیرا
طالِب ہُوں گا۔
خُشک اور پیاسی زمِین میں جہاں پانی نہیں
میری جان تیری پِیاسی اور میرا جِسم تیرا
مُشتاق ہے۔
2اِس طرح مَیں نے مَقدِس میں تُجھ پر نِگاہ کی
تاکہ تیری قُدرت اور حشمت کو دیکُھوں
3کیونکہ تیری شفقت زِندگی سے بہتر ہے۔
میرے ہونٹ تیری تعرِیف کریں گے۔
4اِسی طرح مَیں عُمر بھر تُجھے مُبارک کہُوں گا
اور تیرا نام لے کر اپنے ہاتھ اُٹھایا کرُوں گا۔
5میری جان گویا گُودے اور چربی سے سیر ہو گی
اور میرا مُنہ مسرُور لبوں سے تیری تعرِیف کرے گا
6جب مَیں بِستر پر تُجھے یاد کرُوں گا
اور رات کے ایک ایک پہر میں تُجھ پر دِھیان
کرُوں گا
7اِس لِئے کہ تُو میرا مددگار رہا ہے
اور مَیں تیرے پروں کے سایہ میں خُوشی مناؤُں گا۔
8میری جان کو تیری ہی دُھن ہے۔
تیرا دہنا ہاتھ مُجھے سنبھالتا ہے
9پر جو میری جان کی ہلاکت کے درپَے ہیں
وہ زمِین کے اسفل میں چلے جائیں گے۔
10وہ تلوار کے حوالہ ہوں گے۔
وہ گیدڑوں کا لُقمہ بنیں گے
11لیکن بادشاہ خُدا میں شادمان ہو گا۔
جو اُس کی قَسم کھاتا ہے وہ فخر کرے گا
کیونکہ جُھوٹ بولنے والوں کا مُنہ بند کر دِیا
جائے گا۔
مُحافظت کے لِئے درخواست
مِیر مُغنّی کے لِئے داؤُد کا مزمُور۔
1اَے خُدا! میری فریاد کی آواز سُن لے۔
میری جان کو دُشمن کے خَوف سے بچائے رکھ۔
2شرِیروں کے خُفیہ مشوَرہ سے
اور بدکرداروں کے ہنگامہ سے مُجھے چِھپا لے
3جِنہوں نے اپنی زُبان تلوار کی طرح تیز کی
اور تلخ باتوں کے تِیروں کا نشانہ لِیا ہے
4تاکہ اُن کو خُفیہ مقاموں میں کامِل آدمی پر چلائیں۔
وہ اُن کو ناگہان اُس پر چلاتے ہیں اور
ڈرتے نہیں۔
5وہ بُرے کام کا مُصمّم اِرادہ کرتے ہیں۔
وہ پھندے لگانے کی صلاح کرتے ہیں۔
وہ کہتے ہیں ہم کو کَون دیکھے گا؟
6وہ شرارتوں کو کھوج کھوج کر نِکالتے ہیں۔
وہ کہتے ہیں ہم نے خُوب کھوج لگایا۔
اُن میں سے ہر ایک کا باطِن اور دِل عمِیق ہے۔
7لیکن خُدا اُن پر تِیر چلائے گا۔
وہ ناگہان تِیر سے زخمی ہو جائیں گے
8اور اُن ہی کی زُبان اُن کو تباہ کرے گی۔
جِتنے اُن کو دیکھیں گے سب سر ہِلائیں گے
9اور سب لوگ ڈر جائیں گے
اور خُدا کے کام کا بیان کریں گے
اور اُس کے طریقِ عمل کو بخُوبی سمُجھ لیں گے۔
10صادِق خُداوند میں شادمان ہو گا اور اُس پر توکُّل
کرے گا
اور جِتنے راست دِل ہیں سب فخر کریں گے۔
سِتایش اور شُکرگُذاری
مِیر مُغنّی کے لِئے مزمُور۔ داؤُد کا گِیت۔
1اَے خُدا! صِیُّون میں تعرِیف تیری مُنتظِر ہے
اور تیرے لِئے مَنّت پُوری کی جائے گی۔
2اَے دُعا کے سُننے والے!
سب بشر تیرے پاس آئیں گے۔
3بد اعمال مُجھ پر غالِب آ جاتے ہیں
پر ہماری خطاؤں کا کفّارہ تُو ہی دے گا۔
4مُبارک ہے وہ آدمی جِسے تُو برگُزِیدہ کرتا اور اپنے
پاس آنے دیتا ہے
تاکہ وہ تیری بارگاہوں میں رہے۔
ہم تیرے گھر کی خُوبی سے
یعنی تیری مُقدّس ہَیکل سے آسُودہ ہوں گے۔
5اَے ہمارے نجات دینے والے خُدا!
تُو جو زمِین کے سب کناروں کا
اور سمُندر پر دُور دُور رہنے والوں کا تکیہ ہے!
خَوفناک باتوں کے ذرِیعہ سے تُو ہمیں صداقت
سے جواب دے گا
6تُو قُدرت سے کمربستہ ہو کر
اپنی قُوّت سے پہاڑوں کو اِستحکام بخشتا ہے۔
7تُو سمُندر کے اور اُس کی مَوجوں کے شور کو
اور اُمّتوں کے ہنگامہ کو مَوقُوف کر دیتا ہے۔
8زمِین کی اِنتِہا کے رہنے والے تیرے مُعجزوں سے
ڈرتے ہیں۔
تُو مطلعِ صُبح کو اور شام کو شادمانی بخشتا ہے۔
9تُو زمِین پر توجُّہ کر کے اُسے سیراب کرتا ہے۔
تُو اُسے خُوب مالا مال کر دیتا ہے۔
خُدا کا دریا پانی سے بھرا ہے۔
جب تُو زمِین کو یُوں تیّار کر لیتا ہے تُو اُن کے
لِئے اناج مُہیّا کرتا ہے۔
10تُو اُس کی ریگھارِیوں کو خُوب سیراب کرتا
اور اُس کی مینڈوں کو بِٹھا دیتا ہے۔
تُو اُسے بارِش سے نرم کرتا ہے
اور اُس کی پَیداوار میں برکت دیتا ہے۔
11تُو سال کو اپنے لُطف کا تاج پہناتا ہے
اور تیری راہوں سے رَوغن ٹپکتا ہے۔
12وہ بِیابان کی چراگاہوں پر ٹپکتا ہے
اور پہاڑِیاں خُوشی سے کمربستہ ہیں۔
13چراگاہوں میں جُھنڈ کے جُھنڈ پَھیلے ہُوئے ہیں۔
وادِیاں اناج سے ڈھکی ہُوئی ہیں۔
وہ خُوشی کے مارے للکارتی اور گاتی ہیں۔
سِتایش اور شُکرگُذاری کا گِیت
مِیر مُغنّی کے لِئے گِیت یعنی مزمُور۔
1اَے ساری زمِین! خُدا کے حضُور خُوشی کا نعرہ مار۔
2اُس کے نام کے جلال کا گِیت گاؤ۔
سِتایش کرتے ہُوئے اُس کی تمِجید کرو۔
3خُدا سے کہو تیرے کام کیا ہی مُہِیب ہیں؟
تیری بڑی قُدرت کے باعِث تیرے دُشمن
عاجِزی کریں گے۔
4ساری زمِین تُجھے سِجدہ کرے گی
اور تیرے حضُور گائے گی۔
وہ تیرے نام کے گِیت گائیں گے۔ (سِلاہ)
5آؤ اور خُدا کے کاموں کو دیکھو۔
بنی آدمؔ کے ساتھ وہ اپنے سلُوک میں مُہِیب ہے۔
6اُس نے سمُندر کو خُشک زمِین بنا دِیا۔
وہ دریا میں سے پَیدل گُذر گئے۔
وہاں ہم نے اُس میں خُوشی منائی۔
7وہ اپنی قُدرت سے ابد تک سلطنت کرے گا۔
اُس کی آنکھیں قَوموں کو دیکھتی رہتی ہیں۔
سرکش لوگ تکبُّر نہ کریں۔ (سِلاہ)
8اَے لوگو! ہمارے خُدا کو مُبارک کہو
اور اُس کی تعرِیف میں آواز بُلند کرو۔
9وُہی ہماری جان کو زِندہ رکھتا ہے
اور ہمارے پاؤں کو پِھسلنے نہیں دیتا۔
10کیونکہ اَے خُدا! تُو نے ہمیں آزما لِیا ہے۔
تُو نے ہمیں اَیسا تایا جَیسے چاندی تائی جاتی ہے۔
11تُو نے ہمیں جال میں پھنسایا
اور ہماری کمر پر بھاری بوجھ رکھّا۔
12تُو نے سواروں کو ہمارے سروں پر سے گُذارا۔
ہم آگ میں سے اور پانی میں سے ہو کر گُذرے
لیکن تُو ہم کو فراوانی کی جگہ میں نِکال لایا۔
13مَیں سوختنی قُربانِیاں لے کر تیرے گھر میں داخِل
ہُوں گا۔
اور اپنی مَنّتیں تیرے حضُور ادا کرُوں گا۔
14جو مُصِیبت کے وقت میرے لبوں سے نِکلیں
اور مَیں نے اپنے مُنہ سے مانیں۔
15مَیں موٹے موٹے جانوروں کی سوختنی قُربانِیاں
مینڈھوں کی خُوشبُو کے ساتھ چڑھاؤُں گا۔
مَیں بَیل اور بکرے گُذرانُوں گا۔ (سِلاہ)
16اَے خُدا سے ڈرنے والو! سب آؤ۔ سُنو
اور مَیں بتاؤُں گا کہ اُس نے میری جان کے لِئے
کیا کیا کِیا ہے۔
17مَیں نے اپنے مُنہ سے اُس کو پُکارا۔
اُس کی تمجِید میری زُبان سے ہُوئی۔
18اگر مَیں بدی کو اپنے دِل میں رکھتا
تُو خُداوند میری نہ سُنتا
19لیکن خُدا نے یقِیناً سُن لِیا ہے۔
اُس نے میری دُعا کی آواز پر کان لگایا ہے۔
20خُدا مُبارک ہو
جِس نے نہ تو میری دُعا کو ردّ کِیا
اور نہ اپنی شفقت کو مُجھ سے باز رکھّا۔
شُکرگُذاری کا گِیت
مِیر مُغنّی کے لِئے تاردار سازوں کے ساتھ مزمُور
یعنی گِیت۔
1خُدا ہم پر رحم کرے اور ہم کو برکت بخشے
اور اپنے چہرہ کو ہم پر جلوہ گر فرمائے۔ (سِلاہ)
2تاکہ تیری راہ زمِین پر ظاہِر ہو جائے
اور تیری نجات سب قَوموں پر۔
3اَے خُدا! لوگ تیری تعرِیف کریں۔
سب لوگ تیری تعرِیف کریں۔
4اُمّتیں خُوش ہوں اور خُوشی سے للکاریں
کیونکہ تُو راستی سے لوگوں کی عدالت کرے گا
اور زمِین کی اُمّتوں پر حُکُومت کرے گا۔ (سِلاؔہ)
5اَے خُدا! لوگ تیری تعرِیف کریں۔
سب لوگ تیری تعرِیف کریں۔
6زمِین نے اپنی پَیداوار دے دی۔
خُدا یعنی ہمارا خُدا ہم کو برکت دے گا۔
7خُدا ہم کو برکت دے گا
اور زمِین کی اِنتہا تک سب لوگ اُس کا ڈر
مانیں گے۔
فتح مندی کا قومی نغمہ
مِیر مُغنّی کے لِئے داؤُد کا مزمُور یعنی گِیت۔
1خُدا اُٹھے۔ اُس کے دُشمن پراگندہ ہوں۔
اُس سے عداوت رکھنے والے اُس کے
سامنے سے بھاگ جائیں
2جَیسے دُھواں اُڑ جاتا ہے وَیسے ہی تُو اُن کو اُڑا دے۔
جَیسے موم آگ کے سامنے پِگھل جاتا ہے
وَیسے ہی شرِیر خُدا کے حضُور فنا ہو جائیں
3لیکن صادِق خُوشی منائیں۔ وہ خُدا کے حضُور
شادمان ہوں
بلکہ وہ خُوشی سے پُھولے نہ سمائیں۔
4خُدا کے لِئے گاؤ۔ اُس کے نام کی مدح سرائی کرو۔
صحرا کے سوار کے لِئے شاہراہ تیّار کرو۔
اُس کا نام یاہ ہے اور تُم اُس کے حضُور شادمان ہو۔
5خُدا اپنے مُقدّس مکان میں
یتیِموں کا باپ اور بیواؤں کا دادرس ہے۔
6خُدا تنہا کو خاندان بخشتا ہے۔
وہ قَیدِیوں کو آزاد کر کے اِقبال مند کرتا ہے۔
لیکن سرکش خُشک زمِین میں رہتے ہیں۔
7اَے خُدا! جب تُو اپنے لوگوں کے آگے آگے چلا۔
جب تُو بِیابان میں سے گُذرا (سِلاہ)
8تو زمِین کانپ اُٹھی۔
خُدا کے حضُور آسمان گِر پڑے۔
بلکہ کوہِ سِینا بھی خُدا کے حضُور۔ اِسرائیل کے
خُدا کے حضُور کانپ اُٹھا۔
9اَے خُدا تُو نے خُوب مینہ برسایا۔
تُو نے اپنی خُشک مِیراث کو تازگی بخشی۔
10تیرے لوگ اُس میں بسنے لگے۔
اَے خُدا! تُو نے اپنے فَیض سے غرِیبوں کے
لِئے اُسے تیّار کِیا۔
11خُداوند حُکم دیتا ہے۔
خُوشخبری دینے والِیاں فَوج کی فَوج ہیں۔
12لشکروں کے بادشاہ بھاگتے ہیں۔ وہ بھاگ
جاتے ہیں
اور عَورت گھر میں بَیٹھی بَیٹھی لُوٹ کا مال
بانٹتی ہے۔
13جب تُم بھیڑ سالوں میں پڑے رہتے ہو
تو اُس کبُوتر کی مانِند ہو گے جِس کے بازُو گویا
چاندی سے
اور پَر خالِص سونے سے منڈھے ہُوئے ہوں۔
14جب قادرِ مُطلِق نے بادشاہوں کو اُس میں
پراگندہ کِیا
تو اَیسا حال ہو گیا گویا سلمون پر برف پڑ رہی تھی۔
15بسن کا پہاڑ خُدا کا پہاڑ ہے۔
بسن کا پہاڑ اُونچا پہاڑ ہے۔
16اَے اُونچے پہاڑو! تُم اُس پہاڑ کو کیوں تاکتے ہو
جِسے خُدا نے اپنی سکُونت کے لِئے پسند کِیا ہے؟
بلکہ خُداوند اُس میں ابد تک رہے گا۔
17خُدا کے رتھ بِیس ہزار بلکہ ہزارہا ہزار ہیں۔
خُداوند جَیسا کوہِ سِینا میں وَیسا ہی اُن کے
درمیان مَقدِس میں ہے۔
18تُو نے عالمِ بالا کو صعُود فرمایا۔ تُو قَیدِیوں کو ساتھ
لے گیا۔
تُجھے لوگوں سے بلکہ سرکشوں سے بھی ہدئیے مِلے
تاکہ خُداوند خُدا اُن کے ساتھ رہے۔
19خُداوند مُبارک ہو جو ہر روز ہمارا بوجھ اُٹھاتا ہے۔
وُہی ہمارا نجات دینے والا خُدا ہے۔ (سِلاہ)
20خُدا ہمارے لِئے چُھڑانے والا خُدا ہے
اور مَوت سے بچنے کی راہیں بھی خُداوند خُدا
کی ہیں۔
21لیکن خُداوند اپنے دُشمنوں کے سر کو
اور متواتر گُناہ کرنے والے کی بال دار کھوپڑی
کو چِیر ڈالے گا۔
22خُداوند نے فرمایا مَیں اُن کو بسن سے نِکال
لاؤُں گا۔
مَیں اُن کو سمُندر کی تہہ سے نِکال لاؤُں گا
23تاکہ تُو اپنا پاؤں خُون سے تر کرے۔
اور تیرے دُشمن تیرے کُتّوں کے مُنہ کا نوالہ بنیں۔
24اَے خُدا! لوگوں نے تیری آمد دیکھی۔
مَقدِس میں میرے خُدا میرے بادشاہ کی آمد۔
25گانے والے آگے آگے اور بجانے والے پِیچھے
پِیچھے چلے۔
دف بجانے والی جوان لڑکیاں بِیچ میں۔
26تُم جو اِسرائیل کے چشمہ سے ہو خُداوند کو
مُبارک کہو۔
ہاں مجمع میں خُدا کو مُبارک کہو۔
27وہاں چھوٹا بِنیمِین اُن کا حاکِم ہے۔
یہُوداؔہ کے اُمرا اور اُن کے مُشِیر۔
زبُولُون کے اُمرا اور نفتالی کے اُمرا ہیں۔
28تیرے خُدا نے تیری پائیداری کا حُکم دِیا ہے۔
اَے خُدا! جو کُچھ تُو نے ہمارے لِئے کِیا ہے
اُسے پائیداری بخش۔
29تیری ہَیکل کے سبب سے جو یروشلِیم میں ہے
بادشاہ تیرے پاس ہدئیے لائیں گے۔
30تُو نَیستان کے جنگلی جانوروں کو دھمکا دے۔
سانڈوں کے غول کو اور قَوموں کے بچھڑوں کو
جو چاندی کے سِکّوں کو پامال کرتے ہیں۔
اُس نے جنگجُو قَوموں کو پراگندہ کر دِیا ہے۔
31اُمرا مِصرؔ سے آئیں گے۔
کُوش خُدا کی طرف اپنے ہاتھ بڑھانے میں
جلدی کرے گا۔
32اَے زمِین کی ممُلِکتو! خُدا کے لِئے گاؤ۔
خُداوند کی مدح سرائی کرو۔ (سِلاہ)
33اُس کی جو قدِیم فلکُ الافلاک پر سوار ہے۔
دیکھو! وہ اپنی آواز بُلند کرتا ہے۔ اُس کی آواز
میں قُدرت ہے۔
34خُدا ہی کی تعظِیم کرو۔
اُس کی حشمت اِسرائیل میں ہے
اور اُس کی قُدرت افلاک پر۔
35اَے خُدا! تُو اپنے مَقدِسوں میں مُہِیب ہے۔
اِسرائیل کا خُدا ہی اپنے لوگوں کو زور اور توانائی
بخشتا ہے۔
خُدا مُبارک ہو۔
مدد کے لِئے پُکار
میر مُغنّی کے لِئے شوشنِیم کے سُر پر داؤُد کا مزمُور۔
1اَے خُدا! مُجھ کو بچا لے۔
کیونکہ پانی میری جان تک آ پُہنچا ہے۔
2مَیں گہری دلدل میں دھسا جاتا ہُوں
جہاں کھڑا نہیں رہا جاتا۔
مَیں گہرے پانی میں آ پڑا ہُوں
جہاں سَیلاب میرے سر پر سے گُذرتے ہیں۔
3مَیں چِلّاتے چِلّاتے تھک گیا۔
میرا گلا سُوکھ گیا۔
میری آنکھیں اپنے خُدا کے اِنتظار میں پتھرا گئِیں۔
4مُجھ سے بے سبب عداوت رکھنے والے
میرے سر کے بالوں سے زِیادہ ہیں۔
میری ہلاکت کے خواہاں
اور ناحق دُشمن زبردست ہیں
پس جو مَیں نے چِھینا نہیں مُجھے دینا پڑا۔
5اَے خُدا! تُو میری حماقت سے واقِف ہے
اور میرے گُناہ تُجھ سے پوشِیدہ نہیں ہیں۔
6اَے خُداوند لشکروں کے خُدا!
تیری آس رکھنے والے
میرے سبب سے شرمِندہ نہ ہوں۔
اَے اِسرائیل کے خُدا!
تیرے طالِب میرے سبب سے رُسوا نہ ہوں۔
7کیونکہ تیرے نام کی خاطِر
مَیں نے ملامت اُٹھائی ہے۔
شرمِندگی میرے مُنہ پر چھا گئی ہے۔
8مَیں اپنے بھائیوں کے نزدِیک بیگانہ بنا ہُوں
اور اپنی ماں کے فرزندوں کے نزدِیک اجنبی
9کیونکہ تیرے گھر کی غَیرت مُجھے کھا گئی
اور تُجھ کو ملامت کرنے والوں کی ملامتیں
مُجھ پر آ پڑیں۔
10میرے روزہ رکھنے سے میری جان نے زاری کی
اور یہ بھی میری ملامت کا باعِث ہُؤا۔
11جب مَیں نے ٹاٹ اوڑھا
تُو اُن کے لِئے ضربُ المثل ٹھہرا۔
12پھاٹک پر بَیٹھنے والوں میں میرا ہی ذِکر رہتا ہے
اور مَیں نشہ بازوں کا گِیت ہُوں۔
13لیکن اَے خُداوند تیری خُوشنُودی کے وقت
میری دُعا تُجھ ہی سے ہے۔
اَے خُدا! اپنی شفقت کی فراوانی سے
اپنی نجات کی سچّائی میں جواب دے۔
14مُجھے دلدل میں سے نِکال لے اور دھسنے نہ دے۔
مُجھ سے عداوت رکھنے والوں اور گہرے پانی سے
مُجھے بچا لے۔
15مَیں سَیلاب میں ڈُوب نہ جاؤُں
اور گہراؤ مُجھے نِگل نہ جائے
اور پاتال مُجھ پر اپنا مُنہ بند نہ کر لے۔
16اَے خُداوند! مُجھے جواب دے
کیونکہ تیری شفقت خُوب ہے۔
اپنی رحمتوں کی کثرت کے مُطابِق
میری طرف متوجُّہ ہو۔
17اپنے بندہ سے رُوپوشی نہ کر
کیونکہ مَیں مُصِیبت میں ہُوں۔
جلد مُجھے جواب دے۔
18میری جان کے پاس آ کر اُسے چُھڑا لے۔
میرے دُشمنوں کے رُوبرُو میرا فِدیہ دے۔
19تُو میری ملامت اور شرمِندگی
اور رُسوائی سے اور رُسوائی سے واقِف ہے۔
میرے دُشمن سب کے سب تیرے سامنے ہیں۔
20ملامت نے میرا دِل توڑ دِیا۔
مَیں بُہت اُداس ہُوں اور مَیں اِسی اِنتظار میں رہا
کہ کوئی ترس کھائے پر کوئی نہ تھا
اور تسلّی دینے والوں کا مُنتظِر رہا پر کوئی نہ مِلا۔
21اُنہوں نے مُجھے کھانے کو اِندراین بھی دِیا
اور میری پیاس بُجھانے کو اُنہوں نے مُجھے
سِرکہ پِلایا۔
22اُن کا دسترخوان اُن کے لِئے پھندا ہو جائے
اور جب وہ امن سے ہوں تو جال بن جائے۔
23اُن کی آنکھیں تارِیک ہو جائیں تاکہ وہ دیکھ
نہ سکیں
اور اُن کی کمریں ہمیشہ کانپتی رہیں۔
24اپنا غضب اُن پر اُنڈیل دے
اور تیرا شدِید قہر اُن پر آ پڑے۔
25اُن کا مسکن اُجڑ جائے۔
اُن کے خَیموں میں کوئی نہ بسے۔
26کیونکہ وہ اُس کو جِسے تُو نے مارا ہے ستاتے ہیں۔
اور جِن کو تُو نے زخمی کِیا ہے اُن کے دُکھ کا چرچا
کرتے ہیں۔
27اُن کے گُناہ پر گُناہ بڑھا
اور وہ تیری صداقت میں داخِل نہ ہوں۔
28اُن کے نام کِتابِ حیات سے مِٹا دِئیے جائیں
اور صادِقوں کے ساتھ مندرج نہ ہوں۔
29لیکن مَیں تو غرِیب اور غمگِین ہُوں۔
اَے خُدا! تیری نجات مُجھے سر بُلند کرے۔
30مَیں گِیت گا کر خُدا کے نام کی تعرِیف کرُوں گا
اور شُکرگُذاری کے ساتھ اُس کی تمجِید کرُوں گا۔
31یہ خُداوند کو بَیل سے زِیادہ پسند ہو گا
بلکہ سِینگ اور کُھر والے بچھڑے سے زِیادہ۔
32حلِیم اِسے دیکھ کر خُوش ہُوئے ہیں۔
اَے خُدا کے طالِبو! تُمہارے دِل زِندہ رہیں
33کیونکہ خُداوند مُحتاجوں کی سُنتا ہے
اور اپنے قَیدِیوں کو حقِیر نہیں جانتا۔
34آسمان اور زمِین اُس کی تعرِیف کریں
اور سمُندر اور جو کُچھ اُن میں چلتا پِھرتا ہے
35کیونکہ خُدا صِیُّون کو بچائے گا اور یہُوداؔہ کے
شہروں کو بنائے گا
اور وہ وہاں بسیں گے اور اُس کے وارِث
ہوں گے۔
36اُس کے بندوں کی نسل بھی اُس کی مالِک ہو گی
اور اُس کے نام سے مُحبّت رکھنے والے اُس میں
بسیں گے۔
مدد کے لِئے پُکار
مِیر مُغنّی کے لِئے داؤُد کا مزمُور۔ یادگار کے لِئے۔
1اَے خُدا! مُجھے چُھڑانے کے لِئے۔
اَے خُداوند! میری مدد کے لِئے جلدی کر۔
2جو میری جان کو ہلاک کرنے کے درپَے ہیں وہ سب
شرمِندہ اور خجِل ہوں۔
جو میرے نُقصان سے خُوش ہیں وہ پسپا اور
رُسوا ہوں۔
3اہا ہاہا کرنے والے
اپنی رُسوائی کی وجہ سے پسپا ہوں۔
4تیرے سب طالِب تُجھ میں خُوش و خُرّم ہوں۔
تیری نجات کے عاشق ہمیشہ کہا کریں
خُدا کی تمجِید ہو۔
5پر مَیں غرِیب اور مُحتاج ہُوں۔
اَے خُدا میرے پاس جلد آ۔
میرا مددگار اور چُھڑانے والا تُو ہی ہے۔
اَے خُداوند دیر نہ کر!
عُمر رسِیدہ آدمی کی دُعا
1اَے خُداوند تُو ہی میری پناہ ہے۔
مُجھے کبھی شرمِندہ نہ ہونے دے۔
2اپنی صداقت میں مُجھے رہائی دے اور چُھڑا۔
میری طرف کان لگا اور مُجھے بچا لے۔
3تُو میرے لِئے سکُونت کی چٹان ہو جہاں مَیں
برابر جا سکُوں۔
تُو نے میرے بچانے کا حُکم دے دیا ہے
کیونکہ میری چٹان اور میرا قلعہ تُو ہی ہے۔
4اَے میرے خُدا! مُجھے شرِیر کے ہاتھ سے۔
ناراست اور بے درد آدمی کے ہاتھ سے چُھڑا۔
5کیونکہ اَے خُداوند خُدا! تُو ہی میری اُمّید ہے۔
لڑکپن سے میرا توکُّل تُجھ ہی پر ہے۔
6تُو پَیدایش ہی سے مُجھے سنبھالتا آیا ہے۔
تُو میری ماں کے بطن ہی سے میرا شفِیق رہا ہے۔
سو مَیں سدا تیری سِتایش کرتا رہُوں گا۔
7مَیں بُہتوں کے لِئے حیرت کا باعِث ہُوں
لیکن تُو میری مُحکم پناہ گاہ ہے۔
8میرا مُنہ تیری سِتایش سے
اور تیری تعظِیم سے دِن بھر پُر رہے گا۔
9بڑھاپے کے وقت مُجھے ترک نہ کر۔
میری ضعِیفی میں مُجھے چھوڑ نہ دے۔
10کیونکہ میرے دُشمن میرے بارے میں باتیں
کرتے ہیں
اور جو میری جان کی گھات میں ہیں وہ آپس
میں مشوَرہ کرتے ہیں
11اور کہتے ہیں کہ خُدا نے اُسے چھوڑ دِیا ہے۔
اُس کا پِیچھا کرو اور پکڑ لو کیونکہ چُھڑانے والا
کوئی نہیں۔
12اَے خُدا مُجھ سے دُور نہ رہ!
اَے میرے خُدا! میری مدد کے لِئے جلدی کر۔
13میری جان کے مُخالِف شرمِندہ اور فنا ہو جائیں۔
میرا نُقصان چاہنے والے ملامت اور رُسوائی سے
مُلبّس ہوں۔
14لیکن مَیں ہمیشہ اُمّید رکھُّوں گا
اور تیری تعرِیف اَور بھی زِیادہ کِیا کرُوں گا۔
15میرا مُنہ تیری صداقت کا
اور تیری نجات کا بیان دِن بھر کرے گا۔
کیونکہ مُجھے اُن کا شُمار معلُوم نہیں۔
16مَیں خُداوند خُدا کی قُدرت کے کاموں کا اِظہار
کرُوں گا۔
مَیں صِرف تیری ہی صداقت کا ذِکر کرُوں گا۔
17اَے خُدا! تُو مُجھے بچپن سے سِکھاتا آیا ہے
اور مَیں اب تک تیرے عجائِب کا بیان کرتا
رہا ہُوں۔
18اَے خُدا! جب مَیں بُڈھا اور سر سفید ہو جاؤُں
تو مُجھے ترک نہ کرنا
جب تک کہ مَیں تیری قُدرت آیندہ پُشت پر
اور تیرا زور ہر آنے والے پر ظاہِر نہ کر دُوں۔
19اَے خُدا! تیری صداقت بھی بُہت بُلند ہے۔
اَے خُدا! تیری مانِند کَون ہے
جِس نے بڑے بڑے کام کِئے ہیں؟
20تُو جِس نے ہم کو بُہت اور سخت تکلِیفیں دِکھائی ہیں
پِھر ہم کو زِندہ کرے گا
اور زمِین کے اسفل سے ہمیں پِھر اُوپر لے
آئے گا۔
21تُو میری عظمت کو بڑھا
اور پِھر کر مُجھے تسلّی دے۔
22اَے میرے خُدا! مَیں بربط پر
تیری ہاں تیری سچّائی کی حمد کرُوں گا۔
اَے اِسرائیل کے قدُّوس!
مَیں سِتار کے ساتھ تیری مدح سرائی کرُوں گا۔
23جب مَیں تیری مدح سرائی کرُوں گا تو میرے
ہونٹ نہایت شادمان ہوں گے
اور میری جان بھی جِس کا تُو نے فِدیہ دِیا ہے 24اور میری زُبان دِن بھر تیری صداقت کا ذِکر
کرے گی
کیونکہ میرا نُقصان چاہنے والے شرمِندہ اور پشیمان
ہُوئے ہیں۔
بادشاہ کے لِئے دُعا
سُلیماؔن کا مزمُور۔
1اَے خُدا! بادشاہ کو اپنے احکام
اور شاہزادہ کو اپنی صداقت عطا فرما۔
2وہ صداقت سے تیرے لوگوں کی
اور اِنصاف سے تیرے غرِیبوں کی عدالت
کرے گا۔
3اِن لوگوں کے لِئے پہاڑوں سے سلامتی کے
اور پہاڑِیوں سے صداقت کے پَھل پَیدا
ہوں گے۔
4وہ اِن لوگوں کے غرِیبوں کی عدالت کرے گا۔
وہ مُحتاجوں کی اَولاد کو بچائے گا
اور ظالِم کو ٹُکڑے ٹُکڑے کر ڈالے گا۔
5جب تک سُورج اور چاند قائِم ہیں۔
لوگ نسل در نسل تُجھ سے ڈرتے رہیں گے۔
6وہ کٹی ہُوئی گھاس پر مینہ کی مانِند
اور زمِین کو سیراب کرنے والی بارِش کی طرح
نازِل ہو گا۔
7اُس کے ایاّم میں صادِق برومند ہوں گے
اور جب تک چاند قائِم ہے خُوب امن رہے گا۔
8اُس کی سلطنت سمُندر سے سمُندر تک
اور دریایِ فرات سے زمِین کی اِنتہا تک ہو گی۔
9بیابان کے رہنے والے اُس کے آگے جُھکیں گے
اور اُس کے دُشمن خاک چاٹیں گے۔
10ترسِیس کے اور جزِیروں کے بادشاہ نذریں
گُذرانیں گے۔
سبا اور سیبا کے بادشاہ ہدئے لائیں گے۔
11بلکہ سب بادشاہ اُس کے سامنے سرنِگُوں ہوں گے۔
کُل قَومیں اُس کی مُطِیع ہوں گی۔
12کیونکہ وہ مُحتاج کو جب وہ فریاد کرے۔
اور غرِیب کو جِس کا کوئی مددگار نہیں چُھڑائے گا۔
13وہ غرِیب اور مُحتاج پر ترس کھائے گا۔
اور مُحتاجوں کی جان کو بچائے گا۔
14وہ فِدیہ دے کر اُن کی جان کو ظُلم اور جبر سے
چُھڑائے گا
اور اُن کا خُون اُس کی نظر میں بیش قِیمت ہو گا۔
15وہ جِیتے رہیں گے اور سبا کا سونا اُس کو دِیا جائے گا۔
لوگ برابر اُس کے حق میں دُعا کریں گے۔
وہ دِن بھر اُسے دُعا دیں گے۔
16زمِین میں پہاڑوں کی چوٹِیوں پر اناج کی
اِفراط ہوگی۔
اُن کا پَھل لُبنان کے درختوں کی طرح
جُھومے گا
اور شہر والے زمِین کی گھاس کی مانِند ہرے بھرے
ہوں گے۔
17اُس کا نام ہمیشہ قائِم رہے گا۔
جب تک سُورج ہے اُس کا نام رہے گا۔
اور لوگ اُس کے وسِیلہ سے برکت پائیں گے۔
سب قَومیں اُسے خُوش نصِیب کہیں گی۔
18خُداوند خُدا اِسرائیل کا خُدا مُبارک ہو۔
وُہی عجِیب و غرِیب کام کرتا ہے۔
19اُس کا جلِیل نام ہمیشہ کے لِئے مُبارک ہو
اور ساری زمِین اُس کے جلال سے معمُور ہو۔
آمِین ثُمَّ آمِین!
20داؤُد بِن یسّی کی دُعائیں تمام ہُوئِیں۔
تِیسری کِتاب
(زبُور ۷۳‏—۸۹)
خُدا کا عَدل
آسف کا مزمُور۔
1بیشک خُدا اِسرائیل پر
یعنی پاک دِلوں پر مہربان ہے۔
2لیکن میرے پاؤں تو پِھسلنے کو تھے۔
میرے قدم قریباً لغزِش کھا چُکے تھے۔
3کیونکہ جب مَیں شرِیروں کی اِقبال مندی دیکھتا
تو مغرُوروں پر حسد کرتا تھا۔
4اِس لِئے کہ اُن کی مَوت میں جان کنی نہیں
بلکہ اُن کی قُوّت بنی رہتی ہے۔
5وہ اَور آدمِیوں کی طرح مُصِیبت میں نہیں پڑتے
نہ اَور لوگوں کی طرح اُن پر آفت آتی ہے۔
6اِس لِئے غرُور اُن کے گلے کا ہار ہے۔
گویا وہ ظُلم سے مُلبّس ہیں۔
7اُن کی آنکھیں چربی سے اُبھری ہُوئی ہیں۔
اُن کے دِل کے خیالات حد سے بڑھ گئے ہیں۔
8وہ ٹھٹھّا مارتے اور شرارت سے ظُلم کی باتیں
کرتے ہیں۔
وہ بڑا بول بولتے ہیں۔
9اُن کے مُنہ آسمان پر ہیں
اور اُن کی زُبانیں زمِین کی سَیر کرتی ہیں۔
10اِس لِئے اُس کے لوگ اِس طرف رجُوع ہوتے ہیں
اور جی بھر کر پِیتے ہیں۔
11وہ کہتے ہیں خُدا کو کَیسے معلُوم ہے؟
کیا حق تعالیٰ کو کُچھ عِلم ہے؟
12اِن شرِیروں کو دیکھو!
یہ سدا چَین سے رہتے ہُوئے دَولت
بڑھاتے ہیں۔
13یقِیناً مَیں نے عبث اپنے دِل کو صاف
اور اپنے ہاتھوں کو پاک کِیا۔
14کیونکہ مُجھ پر دِن بھر آفت رہتی ہے۔
اور مَیں ہر صُبح تنبِیہ پاتا ہُوں۔
15اگر مَیں کہتا کہ یُوں کہُوں گا
تو تیرے فرزندوں کی نسل سے بے وفائی کرتا۔
16جب مَیں سوچنے لگا کہ اِسے کَیسے سمجھُوں
تو یہ میری نظر میں دُشوار تھا۔
17جب تک کہ مَیں نے خُدا کے مَقدِس میں جا کر
اُن کے انجام کو نہ سوچا۔
18یقِیناً تُو اُن کو پِھسلنی جگہوں میں رکھتا ہے
اور ہلاکت کی طرف دھکیل دیتا ہے۔
19وہ دَم بھر میں کَیسے اُجڑ گئے!
وہ حادِثوں سے بالکُل فنا ہو گئے۔
20جَیسے جاگ اُٹھنے والا خواب کو
وَیسے ہی تُو اَے خُداوند! جاگ کر اُن کی صُورت
کو ناچِیز جانے گا۔
21کیونکہ میرا دِل رنجِیدہ ہُؤا
اور میرا جِگر چِھد گیا تھا۔
22مَیں بے عقل اور جاہِل تھا۔
مَیں تیرے سامنے جانور کی مانِند تھا۔
23تَو بھی مَیں برابر تیرے ساتھ ہُوں۔
تُو نے میرا دہنا ہاتھ پکڑ رکھّا ہے۔
24تُو اپنی مصلحت سے میری رہنُمائی کرے گا
اور آخِر کار مُجھے جلال میں قبُول فرمائے گا
25آسمان پر تیرے سوا میرا کَون ہے؟
اور زمِین پر تیرے سوا مَیں کِسی کا مُشتاق نہیں۔
26گو میرا جِسم اور میرا دِل زائل ہو جائیں
تَو بھی خُدا ہمیشہ میرے دِل کی قُوّت اور میرا
بخرہ ہے۔
27کیونکہ دیکھ! وہ جو تُجھ سے دُور ہیں فنا ہو جائیں گے۔
تُو نے اُن سب کو جِنہوں نے تُجھ سے بے وفائی
کی ہلاک کر دِیا ہے۔
28لیکن میرے لِئے یِہی بھلا ہے کہ خُدا کی نزدِیکی
حاصِل کرُوں۔
مَیں نے خُداوند خُدا کو اپنی پناہ گاہ بنا لِیا ہے۔
تاکہ تیرے سب کاموں کا بیان کرُوں۔
قَومی رہائی کے لِئے مُناجات
آسف کا مشکِیل۔
1اَے خُدا! تُو نے ہم کو ہمیشہ کے لِئے کیوں ترک
کر دِیا؟
تیری چراگاہ کی بھیڑوں پر تیرا قہر کیوں بھڑک
رہا ہے؟
2اپنی جماعت کو جِسے تُو نے قدِیم سے خرِیدا ہے۔
جِس کا تُو نے فِدیہ دِیا تاکہ تیری مِیراث کا
قبِیلہ ہو
اور کوہِ صِیُّون کو جِس پر تُو نے سکُونت کی ہے
یاد کر۔
3اپنے قدم دائِمی کھنڈروں کی طرف بڑھا
یعنی اُن سب خرابِیوں کی طرف جو دُشمن نے
مَقدِس میں کی ہیں
4تیرے مجمع میں تیرے مُخالِف گرجتے رہے ہیں۔
نِشان کے لِئے اُنہوں نے اپنے ہی جھنڈے
کھڑے کِئے ہیں۔
5وہ اُن آدمِیوں کی مانِند تھے
جو گُنجان درختوں پر کُلہاڑے چلاتے ہیں
6اور اب وہ اُس کی ساری نقش کاری کو
کُلہاڑی اور ہتھوڑوں سے بالکل توڑے
ڈالتے ہیں۔
7اُنہوں نے تیرے مَقدِس میں آگ لگا دی ہے
اور تیرے نام کے مسکن کو زمِین تک مِسمار کر
کے ناپاک کِیا ہے۔
8اُنہوں نے اپنے دِل میں کہا ہے ہم اُن کو بِالکل
وِیران کر ڈالیں۔
اُنہوں نے اِس مُلک میں خُدا کے سب عِبادت
خانوں کو جِلا دِیا ہے۔
9ہمارے نِشان نظر نہیں آتے
اور کوئی نبی نہیں رہا
اور ہم میں کوئی نہیں جانتا کہ یہ حال کب تک
رہے گا۔
10اَے خُدا! مُخالِف کب تک طَعنہ زنی کرتا رہے گا؟
کیا دُشمن ہمیشہ تیرے نام پر کُفر بکتا رہے گا؟
11تُو اپنا ہاتھ کیوں روکتا ہے؟
اپنا دہنا ہاتھ بغل سے نِکال اور فنا کر۔
12خُدا قدِیم سے میرا بادشاہ ہے
جو زمِین پر نجات بخشتا ہے۔
13تُو نے اپنی قُدرت سے سمُندر کے دو حِصّے کر دِئے۔
تُو پانی میں اژدہاؤں کے سرکُچلتا ہے۔
14تُو نے لوِیاتان کے سر کے ٹُکڑے کِئے
اور اُسے بیابان کے رہنے والوں کی
خُوراک بنایا۔
15تُو نے چشمے اور سَیلاب جاری کِئے۔
تُو نے بڑے بڑے دریاؤں کو خُشک کر ڈالا۔
16دِن تیرا ہے۔ رات بھی تیری ہی ہے۔
نُور اور آفتاب کو تُو ہی نے تیّار کِیا۔
17زمِین کی تمام حدُود تُو ہی نے ٹھہرائی ہیں۔
گرمی اور سردی کے مَوسم تُو ہی نے بنائے۔
18اَے خُداوند! اِسے یاد رکھ کہ دُشمن نے طَعنہ زنی
کی ہے
اور بیوقُوف قَوم نے تیرے نام کی تکفِیر کی ہے۔
19اپنی فاختہ کی جان کو جنگلی جانور کے حوالہ نہ کر۔
اپنے غرِیبوں کی جان کو ہمیشہ کے لِئے بُھول
نہ جا۔
20اپنے عہد کا خیال فرما
کیونکہ زمِین کے تارِیک مقام ظُلم کے مسکنوں
سے بھرے ہیں
21مظلُوم شرمِندہ ہو کر نہ لَوٹے۔
غرِیب اور مُحتاج تیرے نام کی تعرِیف کریں۔
22اُٹھ اَے خُدا! آپ ہی اپنی وکالت کر۔
یاد کر کہ احمق دِن بھر تُجھ پر کَیسی طَعنہ زنی کرتا ہے۔
23اپنے دُشمنوں کی آواز کو بُھول نہ جا۔
تیرے مُخالِفوں کا ہنگامہ برپا ہوتا رہتا ہے
خُدا مُنصِف ہے
مِیر مُغنّی کے لِئے التشخیت کے سُر پر آسف کا مزمُور
یعنی گِیت۔
1اَے خُدا! ہم تیرا شُکر کرتے ہیں۔
ہم تیرا شُکر کرتے ہیں کیونکہ تیرا نام نزدِیک ہے۔
لوگ تیرے عجِیب کاموں کا ذِکر کرتے ہیں۔
2جب میرا مُعیّن وقت آئے گا
تو مَیں راستی سے عدالت کرُوں گا۔
3زمِین اور اُس کے سب باشِندے گُداز ہو
گئے ہیں۔
مَیں نے اُس کے سُتُونوں کو قائِم کر دِیا
ہے (سِلاہ)۔
4مَیں نے مغرُوروں سے کہا غرُور نہ کرو
اور شرِیروں سے کہ سِینگ اُونچا نہ کرو۔
5اپنا سِینگ اُونچا نہ کرو۔
گردن کشی سے بات نہ کرو۔
6کیونکہ سرفرازی نہ تو مشرِق سے نہ مغرِب سے
اور نہ جنُوب سے آتی ہے۔
7بلکہ خُدا ہی عدالت کرنے والا ہے۔
وہ کِسی کو پست کرتا ہے اور کِسی کو سرفرازی
بخشتا ہے۔
8کیونکہ خُداوند کے ہاتھ میں پیالہ ہے اور مَے
جھاگ والی ہے۔
وہ مِلی ہُوئی شراب سے بھرا ہے اور خُداوند اُسی
میں سے اُنڈیلتا ہے۔
بیشک اُس کی تلچھٹ زمِین کے سب شرِیر نچوڑ
نچوڑ کر پِئیں گے۔
9لیکن مَیں تو ہمیشہ ذِکر کرتا رہُوں گا۔
مَیں یعقُوب کے خُدا کی مدح سرائی کرُوں گا
10اور مَیں شرِیروں کے سب سِینگ کاٹ ڈالُوں گا۔
لیکن صادِقوں کے سِینگ اُونچے کِئے جائیں گے۔
خُدا فاتح ہے
مِیر مُغنّی کے لِئے تاردار سازوں کے ساتھ آسف کا
مزمُور یعنی گِیت۔
1خُدا یہُوداؔہ میں مشہُور ہے۔
اُس کا نام اِسرائیل میں بزُرگ ہے۔
2سالم میں اُس کا خَیمہ ہے
اور صِیُّون میں اُس کا مسکن۔
3وہاں اُس نے برقِ کمان کو
اور ڈھال اور تلوار اور سامانِ جنگ کو توڑ
ڈالا (سِلاہ)۔
4تُو جلالی ہے اور شِکار کے پہاڑوں سے شان دار ہے۔
5مضبُوط دِل لُٹ گئے۔ وہ گہری نِیند میں پڑے ہیں
اور زبردست لوگوں میں سے کِسی کا ہاتھ کام
نہ آیا۔
6اَے یعقُوب کے خُدا! تیری جِھڑکی سے
رتھ اور گھوڑے دونوں پر مَوت کی نِیند طاری ہے۔
7فقط تُجھ ہی سے ڈرنا چاہئے
اور تیرے قہر کے وقت کَون تیرے حضُور کھڑا رہ
سکتا ہے؟
8تُو نے آسمان پر سے فَیصلہ سُنایا۔
زمِین ڈر کر چُپ ہو گئی۔
9جب خُدا عدالت کرنے کو اُٹھا
تاکہ زمِین کے سب حلِیموں کو بچا لے۔ (سِلاہ)
10بیشک اِنسان کا غضب تیری سِتایش کا باعِث ہو گا
اور تُو غضب کے بقِیہّ سے کمربستہ ہو گا۔
11خُداوند اپنے خُدا کے لِئے مَنّت مانو اور پُوری کرو
اور سب جو اُس کے گِرد ہیں وہ اُسی کے لِئے جِس
سے ڈرنا و اجِب ہے ہدئے لائیں۔
12وہ اُمرا کی رُوح کو قبض کرے گا۔
وہ زمِین کے بادشاہوں کے لِئے مُہِیب ہے۔
مُصِیبت کے وقت تسلّی
مِیر مُغنّی کے لِئے یدُوتوؔن کے طَور پر آسف کا مزمُور۔
1مَیں بُلند آواز سے خُدا کے حضُور فریاد کرُوں گا۔
خُدا ہی کے حضُور بُلند آواز سے
اور وہ میری طرف کان لگائے گا
2اپنی مُصِیبت کے دِن مَیں نے خُداوند کو ڈھُونڈا۔
میرے ہاتھ رات کو پَھیلے رہے اور ڈِھیلے نہ ہُوئے۔
میری جان کو تسکِین نہ ہُوئی۔
3مَیں خُدا کو یاد کرتا ہُوں اور بے چَین ہُوں۔
مَیں واوَیلا کرتا ہُوں اور میری جان نِڈھال ہے۔ (سِلاہ)
4تُو میری آنکھیں کُھلی رکھتا ہے۔
مَیں اَیسا بیتاب ہُوں کہ بول نہیں سکتا۔
5مَیں گُذشتہ ایاّم پر
یعنی قدِیم زمانہ کے برسوں پر سوچتا رہا۔
6مُجھے رات کو اپنا گِیت یاد آتا ہے۔
مَیں اپنے دِل ہی میں سوچتا ہُوں۔
میری رُوح بڑی تفتِیش میں لگی ہے۔
7کیا خُداوند ہمیشہ کے لِئے چھوڑ دے گا؟
کیا وہ پِھر کبھی مِہربان نہ ہو گا؟
8کیا اُس کی شفقت ہمیشہ کے لِئے جاتی رہی؟
کیا اُس کا وعدہ ابد تک باطِل ہو گیا؟
9کیا خُدا کرم کرنا بُھول گیا؟
کیا اُس نے قہر سے اپنی رحمت روک لی؟ (سِلاہ)
10پِھر مَیں نے کہا یہ میری ہی کمزوری ہے۔
مَیں تو حق تعالیٰ کی قُدرت کے زمانہ کو یاد
کرُوں گا۔
11مَیں خُداوند کے کاموں کا ذِکر کرُوں گا
کیونکہ مُجھے تیرے قدِیم عجائِب یاد آئیں گے۔
12مَیں تیری ساری صنعت پر دِھیان کرُوں گا
اور تیرے کاموں کو سوچُوں گا۔
13اَے خُدا! تیری راہ مَقدِس میں ہے۔
کَون سا دیوتا خُدا کی مانِند بڑا ہے؟
14تُو وہ خُدا ہے جو عجِیب کام کرتا ہے۔
تُو نے قَوموں کے درمیان اپنی قُدرت ظاہِر کی۔
15تُو نے اپنے ہی بازُو سے اپنی قَوم
بنی یعقوُب اور بنی یُوسفؔ کو فِدیہ دے کر چُھڑایا
ہے۔ (سِلاہ)
16اَے خُدا! سمُندروں نے تُجھے دیکھا۔
سمُندر تُجھے دیکھ کر ڈر گئے۔
گہراؤ بھی کانپ اُٹھے۔
17بدلِیوں نے پانی برسایا۔
افلاک سے آواز آئی۔
تیرے تِیر بھی چاروں طرف چلے۔
18بگُولے میں تیرے رَعد کی آواز تھی۔
برق نے جہان کو رَوشن کر دِیا۔
زمِین لرزی اور کانپی۔
19تیری راہ سمُندر میں ہے۔
تیرے راستے بڑے سمُندروں میں ہیں
اور تیرے نقشِ قدم نا معلُوم ہیں
20تُو نے مُوسیٰ اور ہارُون کے وسِیلہ سے
گلّہ کی طرح اپنے لوگوں کی راہنُمائی کی۔
خُدا اور اُس کے لوگ
آسف کا مشکِیل۔
1اَے میرے لوگو! میری شرِیعت کو سُنو۔
میرے مُنہ کی باتوں پر کان لگاؤ۔
2مَیں تمثِیل میں کلام کرُوں گا
اور قدِیم مُعمّے کہُوں گا۔
3جِن کو ہم نے سُنا اور جان لِیا
اور ہمارے باپ دادا نے ہم کو بتایا
4اور جِن کو ہم اُن کی اَولاد سے پوشِیدہ نہیں
رکھّیں گے
بلکہ آیندہ پُشت کو بھی خُداوند کی تعرِیف
اور اُس کی قُدرت اور عجائِب جو اُس نے کِئے
بتائیں گے۔
5کیونکہ اُس نے یعقُوب میں ایک شہادت قائِم کی
اور اِسرائیل میں شرِیعت مقرّر کی
جِن کی بابت اُس نے ہمارے باپ دادا کو حُکم دِیا
کہ وہ اپنی اَولاد کو اُن کی تعلِیم دیں۔
6تاکہ آیندہ پُشت یعنی وہ فرزند جو پَیدا ہوں گے
اُن کو جان لیں
اور وہ بڑے ہو کر اپنی اَولاد کو سِکھائیں
7کہ وہ خُدا پر آس رکھّیں
اور اُس کے کاموں کو بُھول نہ جائیں
بلکہ اُس کے حُکموں پر عمل کریں
8اور اپنے باپ دادا کی طرح
سرکش اور باغی نسل نہ بنیں۔
اَیسی نسل جِس نے اپنا دِل درُست نہ کِیا
اور جِس کی رُوح خُدا کے حضُور وفادار نہ رہی۔
9بنی اِفرائِیم مُسلّح ہو کر اور کمانیں رکھتے ہُوئے
لڑائی کے دِن پِھر گئے۔
10اُنہوں نے خُدا کے عہد کو قائِم نہ رکھّا
اور اُس کی شرِیعت پر چلنے سے اِنکار کِیا
11اور اُس کے کاموں کو اور اُس کے عجائِب کو
جو اُس نے اُن کو دِکھائے تھے بُھول گئے۔
12اُس نے مُلکِ مِصرؔ میں۔ ضُعن کے عِلاقہ میں
اُن کے باپ دادا کے سامنے عجِیب و غرِیب
کام کِئے۔
13اُس نے سمُندر کے دو حِصّے کر کے اُن کو پار اُتارا
اور پانی کو تُودہ کی طرح کھڑا کر دِیا۔
14اُس نے دِن کو بادل سے اُن کی راہبری کی
اور رات بھر آگ کی رَوشنی سے۔
15اُس نے بیابان میں چٹانوں کو چِیرا
اور اُن کو گویا بحر سے خُوب پِلایا۔
16اُس نے چٹان میں سے ندِیاں جاری کِیں
اور دریاؤں کی طرح پانی بہایا۔
17تَو بھی وہ اُس کے خِلاف گُناہ کرتے ہی گئے
اور بیابان میں حق تعالیٰ سے سرکشی کرتے رہے
18اور اُنہوں نے اپنی خواہش کے مُطابِق کھانا مانگ کر
اپنے دِل میں خُدا کو آزمایا
19بلکہ وہ خُدا کے خِلاف بکنے لگے
اور کہا کیا خُدا بیابان میں دسترخوان بِچھا سکتا ہے؟
20دیکھو! اُس نے چٹان کو مارا تو پانی پُھوٹ نِکلا
اور ندِیاں بہنے لگِیں۔
کیا وہ روٹی بھی دے سکتا ہے؟
کیا وہ اپنے لوگوں کے لِئے گوشت مُہیّا کر
دے گا؟
21پس خُداوند سُن کر غضب ناک ہُؤا
اور یعقُوب کے خِلاف آگ بھڑک اُٹھی
اور اِسرائیل پر قہر ٹُوٹ پڑا۔
22اِس لِئے کہ وہ خُدا پر اِیمان نہ لائے
اور اُس کی نجات پر بھروسا نہ کِیا۔
23تَو بھی اُس نے افلاک کو حُکم دِیا
اور آسمان کے دروازے کھولے
24اور کھانے کے لِئے اُن پر مَنّ برسایا
اور اُن کو آسمانی خُوراک بخشی۔
25اِنسان نے فرِشتوں کی غِذا کھائی۔
اُس نے کھانا بھیج کر اُن کو آسُودہ کِیا۔
26اُس نے آسمان میں پُروا چلائی
اور اپنی قُدرت سے دکھنّا بہائی۔
27اُس نے اُن پر گوشت کو خاک کی مانِند برسایا
اور پرِندوں کو سمُندر کی ریت کی مانِند
28جِن کو اُس نے اُن کی خَیمہ گاہ میں
اُن کے مسکنوں کے آس پاس گِرایا۔
29پس وہ کھا کر خُوب سیر ہُوئے۔
اور اُس نے اُن کی خواہش پُوری کی۔
30وہ اپنی خواہش سے باز نہ آئے
اور اُن کا کھانا اُن کے مُنہ ہی میں تھا
31کہ خُدا کا غضب اُن پر ٹُوٹ پڑا
اور اُن کے سب سے موٹے تازہ آدمی قتل کِئے
اور اِسرائیلی جوانوں کو مار گِرایا۔
32باوجُود اِن سب باتوں کے وہ گُناہ کرتے ہی رہے
اور اُس کے عجِیب و غرِیب کاموں پر اِیمان
نہ لائے۔
33اِس لِئے اُس نے اُن کے دِنوں کو بطالت سے
اور اُن کے برسوں کو دہشت سے تمام کر دِیا۔
34جب وہ اُن کو قتل کرنے لگا تو وہ اُس کے
طالِب ہُوئے
اور رجُوع ہو کر دِل و جان سے خُدا کو
ڈُھونڈنے لگے
35اور اُن کو یاد آیا کہ خُدا اُن کی چٹان
اور حق تعالیٰ اُن کا فِدیہ دینے والا ہے۔
36لیکن اُنہوں نے اپنے مُنہ سے اُس کی خُوشامد کی
اور اپنی زُبان سے اُس سے جُھوٹ بولا
37کیونکہ اُن کا دِل اُس کے حضُور درُست نہ تھا
اور وہ اُس کے عہد میں وفادار نہ نِکلے۔
38لیکن وہ رحِیم ہو کر بدکاری مُعاف کرتا ہے اور
ہلاک نہیں کرتا
بلکہ بارہا اپنے قہر کو روک لیتا ہے
اور اپنے پُورے غضب کو بھڑکنے نہیں دیتا
39اور اُسے یاد رہتا ہے کہ یہ محض بشر ہیں
یعنی ہوا جو چلی جاتی ہے اور پِھر نہیں آتی۔
40کِتنی بار اُنہوں نے بیابان میں اُس سے سرکشی کی
اور صحرا میں اُسے آزُردہ کِیا!
41اور وہ پِھر خُدا کو آزمانے لگے
اور اُنہوں نے اِسرائیل کے قدُوُّس کو ناراض کِیا۔
42اُنہوں نے اُس کے ہاتھ کو یاد نہ رکھّا۔
نہ اُس دِن کو جب اُس نے فِدیہ دے کر اُن کو
مُخالِف سے رہائی بخشی۔
43اُس نے مِصرؔ میں اپنے نِشان دِکھائے
اور ضُعن کے عِلاقہ میں اپنے عجائِب
44اور اُن کے دریاؤں کو خُون بنا دِیا
اور وہ اپنی ندیوں سے پی نہ سکے۔
45اُس نے اُن پر مچھّروں کے غول بھیجے جو اُن کو
کھا گئے۔
اور مینڈک جِنہوں نے اُن کو تباہ کر دِیا۔
46اُس نے اُن کی پَیداوار کِیڑوں کو
اور اُن کی مِحنت کا پَھل ٹِڈّیوں کو دے دِیا۔
47اُس نے اُن کی تاکوں کو اَولوں سے
اور اُن کے گُولر کے درختوں کو پالے سے مارا۔
48اُس نے اُن کے چَوپایوں کو اَولوں کے حوالہ کِیا
اور اُن کی بھیڑ بکرِیوں کو بِجلی کے۔
49اُس نے عذاب کے فرِشتوں کی فَوج بھیج کر
اپنے قہر کی شِدّت
غَیظ و غضب اور بلا کو اُن پر نازِل کِیا۔
50اُس نے اپنے قہر کے لِئے راستہ بنایا
اور اُن کی جان مَوت سے نہ بچائی
بلکہ اُن کی زِندگی وبا کے حوالہ کی۔
51اُس نے مِصرؔ کے سب پہلوٹھوں کو
یعنی حام کے مسکنوں میں اُن کی قُوّت کے پہلے
پَھل کو مارا۔
52لیکن وہ اپنے لوگوں کو بھیڑوں کی مانِند لے چلا
اور بیابان میں گلّہ کی مانِند اُن کی رہنُمائی کی۔
53اور وہ اُن کو سلامت لے گیا اور وہ نہ ڈرے۔
لیکن اُن کے دُشمنوں کو سمُندر نے چِھپا لِیا۔
54اور وہ اُن کو اپنے مَقدِس کی سرحد تک لایا۔
یعنی اُس پہاڑ تک جِسے اُس کے دہنے ہاتھ نے
حاصِل کِیا تھا۔
55اُس نے اَور قَوموں کو اُن کے سامنے سے نِکال دِیا
جِن کی مِیراث جرِیب ڈال کر اُن کو بانٹ دی
اور جِن کے خَیموں میں اِسرائیل کے قبِیلوں
کو بسایا۔
56تَو بھی اُنہوں نے خُدا تعالیٰ کو آزمایا اور اُس سے
سرکشی کی
اور اُس کی شہادتوں کو نہ مانا
57بلکہ برگشتہ ہو کر اپنے باپ دادا کی طرح بے وفائی کی
اور دھوکا دینے والی کمان کی طرح ایک طرف کو
جُھک گئے۔
58کیونکہ اُنہوں نے اپنے اُونچے مقاموں کے باعِث
اُس کا قہر بھڑکایا
اور اپنی کھودی ہُوئی مُورتوں سے اُسے غَیرت
دِلائی۔
59خُدا یہ سُن کر غضب ناک ہُؤا
اور اِسرائیل سے سخت نفرت کی۔
60سو اُس نے سَیلا کے مسکن کو ترک کر دِیا
یعنی اُس خَیمہ کو جو بنی آدمؔ کے درمیان کھڑا
کِیا تھا
61اور اُس نے اپنی قُوّت کو اسِیری میں
اور اپنی حشمت کو مُخالِف کے ہاتھ میں دے دِیا۔
62اُس نے اپنے لوگوں کو تلوار کے حوالہ کر دِیا
اور وہ اپنی مِیراث سے غضب ناک ہو گیا۔
63آگ اُن کے جوانوں کو کھا گئی
اور اُن کی کُنواریوں کے سُہاگ نہ گائے گئے۔
64اُن کے کاہِن تلوار سے مارے گئے
اور اُن کی بیواؤں نے نَوحہ نہ کِیا۔
65تب خُداوند گویا نِیند سے جاگ اُٹھا۔
اُس زبردست آدمی کی طرح جو مَے کے سبب
سے للکارتا ہو
66اور اُس نے اپنے مُخالِفوں کو مار کر پسپا کر دِیا۔
اُس نے اُن کو ہمیشہ کے لِئے رُسوا کِیا۔
67اور اُس نے یُوسفؔ کے خَیمہ کو چھوڑ دِیا
اور اِفرائِیم کے قبِیلہ کو نہ چُنا۔
68بلکہ یہُوداؔہ کے قبِیلہ کو چُنا۔
اُسی کوہِ صِیُّون کو جِس سے اُس کو مُحبّت تھی
69اور اپنے مَقدِس کو پہاڑوں کی مانِند تعمِیر کِیا
اور زمِین کی مانِند جِسے اُس نے ہمیشہ کے لِئے
قائِم کِیا ہے
70اُس نے اپنے بندہ داؤُد کو بھی چُنا
اور بھیڑسالوں میں سے اُسے لے لِیا۔
71وہ اُسے بچّے والی بھیڑوں کی چَوپانی سے ہٹا لایا
تاکہ اُس کی قَوم یعقُوب اور اُس کی مِیراث
اِسرائیل کی گلّہ بانی کرے۔
72سو اُس نے خلُوصِ دِل سے اُن کی پاسبانی کی
اور اپنے ماہِر ہاتھوں سے اُن کی راہنُمائی کرتا رہا۔
قَومی رہائی کے لِئے مُناجات
آسف کا مزمُور۔
1اَے خُدا! قَومیں تیری مِیراث میں گُھس آئی ہیں۔
اُنہوں نے تیری مُقدّس ہَیکل کو ناپاک
کِیا ہے۔
اُنہوں نے یروشلِیم کو کھنڈر بنا دِیا ہے۔
2اُنہوں نے تیرے بندوں کی لاشوں کو آسمان کے
پرِندوں کی
اور تیرے مُقدّسوں کے گوشت کو زمِین کے
درِندوں کی خُوراک بنا دِیا ہے۔
3اُنہوں نے اُن کا خُون یروشلِیم کے گِرد پانی کی
طرح بہایا
اور کوئی اُن کو دفن کرنے والا نہ تھا۔
4ہم اپنے پڑوسِیوں کی ملامت کا نِشانہ ہیں۔
اور اپنے آس پاس کے لوگوں کے تمسخُر اور مذاق
کا باعِث۔
5اَے خُداوند! کب تک؟ کیا تُو ہمیشہ کے لِئے ناراض
رہے گا؟
کیا تیری غَیرت آگ کی طرح بھڑکتی رہے گی؟
6اپنا قہر اُن قَوموں پر جو تُجھے نہیں پہچانتیں
اور اُن مُملکتوں پر جو تیرا نام نہیں لیتِیں
اُنڈیل دے۔
7کیونکہ اُنہوں نے یعقُوب کو کھا لِیا
اور اُس کے مسکن کو اُجاڑ دِیا ہے۔
8ہمارے باپ دادا کے گُناہوں کو ہمارے خِلاف
یاد نہ کر۔
تیری رحمت جلد ہم تک پُہنچے
کیونکہ ہم بُہت پست ہو گئے ہیں۔
9اَے ہمارے نجات دینے والے خُدا! اپنے نام
کے جلال کی خاطِر ہماری مدد کر۔
اپنے نام کی خاطِر ہم کو چُھڑا اور ہمارے گُناہوں کا
کفّارہ دے۔
10قَومیں کیوں کہیں کہ اُن کا خُدا کہاں ہے؟
تیرے بندوں کے بہائے ہُوئے خُون کا بدلہ
ہماری آنکھوں کے سامنے قَوموں پر واضِح
ہو جائے۔
11قَیدی کی آہ تیرے حضُور تک پُہنچے۔
اپنی بڑی قُدرت سے مَرنے والوں کو بچا لے۔
12اَے خُداوند! ہمارے پڑوسِیوں کی طعنہ زنی جو وہ
تُجھ پر کرتے رہے ہیں
اُلٹی سات گُنا اُن ہی کے دامن میں ڈال دے۔
13تب ہم جو تیرے لوگ اور تیری چراگاہ کی
بھیڑیں ہیں
ہمیشہ تیری شُکرگُذاری کریں گے۔
ہم پُشت در پُشت تیری سِتایش کریں گے۔
قَوم کی بحالی کے لِئے اِلتجا
مِیر مُغنّی کے لِئے شوشنِّیم عیدوت کے سُر پر آسف
کا مزمُور۔
1اَے اِسرائیل کے چَوپان!
تُو جو گلّہ کی مانِند یُوسفؔ کو لے چلتا ہے کان لگا!
تُو جو کرُّوبیوں پر بَیٹھا ہے جلوہ گر ہو!
2اِفرائِیمؔ و بِنیمِینؔ اور منَسّیؔ کے سامنے اپنی قُوّت کو
بیدار کر
اور ہمیں بچانے کو آ۔
3اَے خُدا! ہم کو بحال کر
اور اپنا چہرہ چمکا تو ہم بچ جائیں گے۔
4اَے خُداوند لشکروں کے خُدا!
تُو کب تک اپنے لوگوں کی دُعا سے ناراض رہے گا؟
5تُو نے اُن کو آنسُوؤں کی روٹی کِھلائی
اور پِینے کو کثرت سے آنسُو ہی دِئے۔
6تُو ہم کو ہمارے پڑوسِیوں کے لِئے جھگڑے کا
باعِث بناتا ہے
اور ہمارے دُشمن آپس میں ہنستے ہیں۔
7اَے لشکروں کے خُدا! ہم کو بحال کر
اور اپنا چہرہ چمکا تو ہم بچ جائیں گے۔
8تُو مصر سے ایک تاک لایا۔
تُو نے قَوموں کو خارِج کر کے اُسے لگایا۔
9تُو نے اُس کے لِئے جگہ تیّار کی۔
اُس نے گہری جڑ پکڑی اور زمِین کو بھر دِیا۔
10پہاڑ اُس کے سایہ میں چِھپ گئے
اور اُس کی ڈالِیاں خُدا کے دیوداروں کی
مانِند تِھیں۔
11اُس نے اپنی شاخیں سمُندر تک پَھیلائیں
اور اپنی ٹہنیاں دریایِ فرات تک۔
12پِھر تُو نے اُس کی باڑوں کو کیوں توڑ ڈالا
کہ سب آنے جانے والے اُس کا پَھل
توڑتے ہیں؟
13جنگلی سُورئ اُسے برباد کرتا ہے
اور جنگلی جانور اُسے کھا جاتے ہیں۔
14اَے لشکروں کے خُدا! ہم تیری مِنّت کرتے ہیں۔
پِھر مُتوجّہ ہو۔
آسمان پر سے نِگاہ کر اور دیکھ اور اِس تاک کی
نِگہبانی فرما۔
15اور اُس پَودا کی بھی جِسے تیرے دہنے ہاتھ نے
لگایا ہے
اور اُس شاخ کی جِسے تُو نے اپنے لِئے مضبُوط
کِیا ہے۔
16یہ آگ سے جلی ہُوئی ہے۔ یہ کٹی پڑی ہے۔
وہ تیرے مُنہ کی جِھڑکی سے ہلاک ہو جاتے ہیں۔
17تیرا ہاتھ تیری دہنی طرف کے اِنسان پر ہو۔
اُس اِبنِ آدمؔ پر جِسے تُو نے اپنے لِئے مضبُوط
کِیا ہے۔
18پِھر ہم تُجھ سے برگشتہ نہ ہوں گے۔
تُو ہم کو پِھر زِندہ کر اور ہم تیرا نام لِیا کریں گے۔
19اَے خُداوند لشکروں کے خُدا! ہم کو بحال کر۔
اپنا چہرہ چمکا تو ہم بچ جائیں گے۔
عِید کے لِئے گِیت
مِیر مُغنّی کے لِئے گِتّیت کے سُر پر آسف کا مزمُور۔
1خُدا کے حضُور جو ہماری قُوّت ہے بُلند آواز
سے گاؤ۔
یعقُوب کے خُدا کے حضُور خُوشی کا نعرہ مارو۔
2نغمہ چھیڑو اور دَف لاؤ
اور دِل نواز سِتار اور بربط۔
3نئے چاند اور پُورے چاند کے وقت
ہماری عِید کے دِن نرسِنگا پُھونکو
4کیونکہ یہ اِسرائیل کے لِئے آئِین
اور یعقُوب کے خُدا کا حُکم ہے۔
5اِس کو اُس نے یُوسفؔ میں شہادت ٹھہرایا۔
جب وہ مُلکِ مِصرؔ کے خِلاف نِکلا
مَیں نے اُس کا کلام سُنا جِس کو مَیں جانتا نہ تھا۔
6مَیں نے اُس کے کندھے پر سے بوجھ اُتار دِیا۔
اُس کے ہاتھ ٹوکری ڈھونے سے چُھوٹ گئے۔
7تُو نے مُصِیبت میں پُکارا اور مَیں نے تُجھے چُھڑایا۔
مَیں نے رَعد کے پردہ میں سے تُجھے جواب دِیا۔
مَیں نے تُجھے مرِیبہ کے چشمہ پر آزمایا۔ (سِلاہ)
8اَے میرے لوگو! سُنو۔ مَیں تُم کو آگاہ کرتا ہُوں۔
اَے اِسرائیل! کاش کہ تُو میری سُنتا!
9تیرے درمیان کوئی غَیر معبُود نہ ہو
اور تُو کِسی غَیر معبُود کو سِجدہ نہ کرنا۔
10خُداوند تیرا خُدا مَیں ہُوں
جو تُجھے مُلکِ مِصرؔ سے نِکال لایا۔
تُو اپنا مُنہ خُوب کھول اور مَیں اُسے بھر دُوں گا۔
11پر میرے لوگوں نے میری بات نہ سُنی
اور اِسرائیل مُجھ سے رضامند نہ ہُؤا
12پس مَیں نے اُن کو اُن کے دِل کی ہٹ پر چھوڑ دِیا
تاکہ وہ اپنے ہی مشوَروں پر چلیں۔
13کاش کہ میرے لوگ میری سُنتے
اور اِسرائیل میری راہوں پر چلتا!
14مَیں جلد اُن کے دُشمنوں کو مغلُوب کر دیتا
اور اُن کے مُخالِفوں پر اپنا ہاتھ چلاتا۔
15خُداوند سے عداوت رکھنے والے اُس کے تابِع
ہو جاتے
اور اِن کا زمانہ ہمیشہ تک بنا رہتا۔
16وہ اِن کو اچھّے سے اچھّا گیہُوں کھِلاتا
اور مَیں تُجھے چٹان میں کے شہد سے سیر کرتا۔
خُدا سب سے اعلےٰ فرمانروا ہے
آسف کا مزمُور۔
1خُدا کی جماعت میں خُدا مَوجُود ہے۔
وہ اِلہٰوں کے درمیان عدالت کرتا ہے۔
2تُم کب تک بے اِنصافی سے عدالت کرو گے
اور شرِیروں کی طرف داری کرو گے؟ (سِلاہ)
3غرِیب اور یتِیم کا اِنصاف کرو۔
غم زدہ اور مُفلِس کے ساتھ اِنصاف سے پیش آؤ۔
4غرِیب اور مُحتاج کو بچاؤ۔
شرِیروں کے ہاتھ سے اُن کو چُھڑاؤ۔
5وہ نہ تو کُچھ جانتے ہیں نہ سمجھتے ہیں۔
وہ اندھیرے میں اِدھر اُدھر چلتے ہیں۔
زمِین کی سب بُنیادیں ہل گئی ہیں۔
6مَیں نے کہا تھا کہ تُم اِلہٰ ہو
اور تُم سب حق تعالیٰ کے فرزند ہو۔
7تَو بھی تُم آدمِیوں کی طرح مَرو گے
اور اُمرا میں سے کِسی کی طرح گِر جاؤ گے۔
8اَے خُدا! اُٹھ۔ زمِین کی عدالت کر۔
کیونکہ تُو ہی سب قَوموں کا مالِک ہو گا۔
اِسرائیلؔ کے دُشمنوں کی شِکست کے لِئے اِلتجا
گِیت۔ آسف کا مزمُور۔
1اَے خُدا! خاموش نہ رہ۔
اَے خُدا چُپ چاپ نہ ہو اور خاموشی اِختیار نہ کر!
2کیونکہ دیکھ تیرے دُشمن اُودھم مچاتے ہیں
اور تُجھ سے عداوت رکھنے والوں نے سر
اُٹھایا ہے۔
3کیونکہ وہ تیرے لوگوں کے خِلاف مکّاری سے
منصُوبہ باندھتے ہیں
اور اُن کے خِلاف جو تیری پناہ میں ہیں مشوَرہ
کرتے ہیں۔
4اُنہوں نے کہا آؤ ہم اِن کو کاٹ ڈالیں کہ اِن کی
قَوم ہی نہ رہے
اور اِسرائیل کے نام کا پِھر ذِکر نہ ہو۔
5کیونکہ اُنہوں نے ایکا کر کے آپس میں مشوَرہ کِیا ہے۔
وہ تیرے خِلاف عہد باندھتے ہیں۔
6یعنی ادوؔم کے اہلِ خَیمہ اور اسمٰعیلی
موآب اور ہاجری۔
7جبل اور عمُّون اور عمالِیق۔
فلِستِین اور صُور کے باشِندے۔
8اسُور بھی اِن سے مِلا ہُؤا ہے۔
اُنہوں نے بنی لُوط کی کُمک کی ہے۔ (سِلاہ)
9تُو اُن سے اَیسا کر جَیسا مِدیان سے
اور جَیسا وادیِ قِیسُوؔن میں سِیسرا اور یابِین سے
کِیا تھا۔
10جو عَین دور میں ہلاک ہُوئے۔
وہ گویا زمِین کی کھاد ہو گئے۔
11اُن کے سرداروں کو عوریب اور زئیب کی مانِند
بلکہ اُن کے شاہزادوں کو زِبح اور ضِلمُنع کی مانِند
بنا دے
12جِنہوں نے کہا ہے آؤ
ہم خُدا کی بستِیوں پر قبضہ کر لیں۔
13اَے میرے خُدا! اُن کو بگُولے کی گرد کی مانِند بنا دے
اور جَیسے ہوا کے آگے ڈنٹھل۔
14اُس آگ کی طرح جو جنِگل کو جلا دیتی ہے۔
اُس شُعلہ کی طرح جو پہاڑوں میں آگ لگا
دیتا ہے۔
15تُو اِسی طرح اپنی آندھی سے اُن کا پِیچھا کر
اور اپنے طُوفان سے اُن کو پریشان کر دے۔
16اَے خُداوند! اُن کے چِہروں پر رُسوائی طاری کر
تاکہ وہ تیرے نام کے طالِب ہوں۔
17وہ ہمیشہ شرمِندہ اور پریشان رہیں۔
بلکہ وہ رُسوا ہو کر ہلاک ہو جائیں۔
18تاکہ وہ جان لیں کہ تُو ہی جِس کا نام یہوواؔہ ہے
تمام زمِین پر بُلند و بالا ہے۔
خُدا کے مَسکن کے لِئے اِشتیاق
مِیر مُغنّی کے لِئے گِتّیت کے سُر پر بنی قورح کا مزمُور۔
1اَے لشکروں کے خُداوند!
تیرے مسکن کیا ہی دِلکش ہیں!
2میری جان خُداوند کی بارگاہوں کی مُشتاق ہے بلکہ
گُداز ہو چلی۔
میرا دِل اور میرا جِسم زِندہ خُدا کے لِئے خُوشی سے
للکارتے ہیں۔
3اَے لشکروں کے خُداوند! اَے میرے بادشاہ اور
میرے خُدا!
تیرے مذبحوں کے پاس گورَیّا نے اپنا آشیانہ
اور ابابِیل نے اپنے لِئے گھونسلا بنا لِیا
جہاں وہ اپنے بچّوں کو رکھّے۔
4مُبارک ہیں وہ جو تیرے گھر میں رہتے ہیں۔
وہ سدا تیری تعرِیف کریں گے۔ (سِلاہ)
5مُبارک ہے وہ آدمی جِس کی قُوّت تُجھ سے ہے۔
جِس کے دِل میں صِیُّوؔن کی شاہراہیں ہیں۔
6وہ وادیِ بُکا سے گُذر کر اُسے چشموں کی جگہ بنا
لیتے ہیں۔
بلکہ پہلی بارِش اُسے برکتوں سے معمُور کر
دیتی ہے۔
7وہ طاقت پر طاقت پاتے ہیں۔
اُن میں سے ہر ایک صِیُّون میں خُدا کے حضُور
حاضِر ہوتا ہے۔
8اَے خُداوند لشکروں کے خُدا! میری دُعا سُن۔
اَے یعقُوب کے خُدا! کان لگا۔ (سِلاہ)
9اَے خُدا! اَے ہماری سِپر! دیکھ
اور اپنے ممسُوح کے چِہرہ پر نظر کر۔
10کیونکہ تیری بارگاہوں میں ایک دِن ہزار سے
بِہتر ہے۔
مَیں اپنے خُدا کے گھر کا دربان ہونا
شرارت کے خَیموں میں بسنے سے زِیادہ پسند
کرُوں گا۔
11کیونکہ خُداوند خُدا آفتاب اور سِپر ہے۔
خُداوند فضل اور جلال بخشے گا۔
وہ راست رَو سے کوئی نِعمت باز نہ رکھّے گا۔
12اَے لشکروں کے خُداوند!
مُبارک ہے وہ آدمی جِس کا توکُّل تُجھ پر ہے۔
قَوم کی فلاح وبہبُود کے لِئے دُعا
مِیر مُغنّی کے لِئے بنی قورح کا مزمُور۔
1اَے خُداوند! تُو اپنے مُلک پر مہربان رہا ہے۔
تُو یعقُوب کو اسِیری سے واپس لایا ہے۔
2تُو نے اپنے لوگوں کی بدکاری مُعاف کر دی ہے۔
تُو نے اُن کے سب گُناہ ڈھانک دِئے
ہیں۔ (سِلاہ)
3تُو نے اپنا غضب بِالکل اُٹھا لِیا۔
تُو اپنے قہر شدِید سے باز آیا ہے۔
4اَے ہمارے نجات دینے والے خُدا! ہم کو بحال کر۔
اپنا غضب ہم سے دُور کر۔
5کیا تُو سدا ہم سے ناراض رہے گا؟
کیا تُو اپنے قہر کو پُشت در پُشت جاری رکھّے گا؟
6کیا تُو ہم کو پِھر زِندہ نہ کرے گا
تاکہ تیرے لوگ تُجھ میں شادمان ہوں؟
7اَے خُداوند! تُو اپنی شفقت ہم کو دِکھا
اور اپنی نجات ہم کو بخش۔
8مَیں سنُوں گا کہ خُداوند خُدا کیا فرماتا ہے
کیونکہ وہ اپنے لوگوں اور اپنے مُقدّسوں سے
سلامتی کی باتیں کرے گا۔
پر وہ پِھر حماقت کی طرف رجُوع نہ کریں۔
9یقِیناً اُس کی نجات اُس سے ڈرنے والوں کے
قرِیب ہے
تاکہ جلال ہمارے مُلک میں بسے۔
10شفقت اور راستی باہم مِل گئی ہیں۔
صداقت اور سلامتی نے ایک دُوسرے کا بوسہ
لِیا ہے۔
11راستی زمِین سے نِکلتی ہے
اور صداقت آسمان پر سے جھانکتی ہے
12جو کُچھ اچھّا ہے وُہی خُداوند عطا فرمائے گا
اور ہماری زمِین اپنی پَیداوار دے گی۔
13صداقت اُس کے آگے آگے چلے گی
اور اُس کے نقشِ قدم کو ہماری راہ بنائے گی۔
مدد کے لِئے پُکار
داؤُد کی دُعا۔
1اَے خُداوند! اپنا کان جُھکا اور مُجھے جواب دے۔
کیونکہ مَیں مِسکِین اور مُحتاج ہُوں۔
2میری جان کی حِفاظت کر کیونکہ مَیں دِین دار ہُوں۔
اَے میرے خُدا! اپنے بندہ کو جِس کا توکُّل تُجھ
پر ہے بچا لے۔
3یا رب! مُجھ پر رحم کر
کیونکہ مَیں دِن بھر تُجھ سے فریاد کرتا ہُوں۔
4یا رب! اپنے بندہ کی جان کو شاد کر دے
کیونکہ مَیں اپنی جان تیری طرف اُٹھاتا ہُوں۔
5اِس لِئے کہ تُو یا رب! نیک اور مُعاف کرنے کو
تیّار ہے
اور اپنے سب دُعا کرنے والوں پر شفقت میں
غنی ہے۔
6اَے خُداوند! میری دُعا پر کان لگا۔
اور میری مِنّت کی آواز پر توجُّہ فرما۔
7مَیں اپنی مُصِیبت کے دِن تُجھ سے دُعا کرُوں گا۔
کیونکہ تُو مُجھے جواب دے گا۔
8یا رب! معبُودوں میں تُجھ سا کوئی نہیں
اور تیری صنعتیں بے مِثال ہیں۔
9یا رب! سب قَومیں جِن کو تُو نے بنایا آ کر تیرے
حضُور سِجدہ کریں گی
اور تیرے نام کی تمجِید کریں گی۔
10کیونکہ تُو بزُرگ ہے اور عجِیب و غرِیب کام کرتا ہے۔
تُو ہی واحِد خُدا ہے۔
11اَے خُداوند! مُجھ کو اپنی راہ کی تعلِیم دے۔ مَیں
تیری راستی میں چلُوں گا۔
میرے دِل کو یکسُوئی بخش تاکہ تیرے نام کا
خَوف مانُوں۔
12یا رب! میرے خُدا! مَیں پُورے دِل سے تیری
تعرِیف کرُوں گا۔
مَیں ابد تک تیرے نام کی تمجِید کرُوں گا۔
13کیونکہ مُجھ پر تیری بڑی شفقت ہے
اور تُو نے میری جان کو پاتال کی تہہ سے
نِکالا ہے۔
14اَے خُدا! مغرُور میرے خِلاف اُٹھے ہیں
اور تُند خُو جماعت میری جان کے پِیچھے پڑی ہے
اور اُنہوں نے تُجھے اپنے سامنے نہیں رکھّا۔
15لیکن تُو یا رب! رحِیم و کرِیم خُدا ہے۔
قہر کرنے میں دِھیما اور شفقت و راستی میں غنی۔
16میری طرف متوجُّہ ہو اور مُجھ پر رحم کر۔
اپنے بندہ کو اپنی قُوّت بخش
اور اپنی لَونڈی کے بیٹے کو بچا لے۔
17مُجھے بھلائی کا کوئی نِشان دِکھا۔
تاکہ مُجھ سے عداوت رکھنے والے اِسے دیکھ کر
شرمِندہ ہوں۔
کیونکہ تُو نے اَے خُداوند! میری مدد کی اور مُجھے
تسلّی دی ہے۔
یروشلیِم کی تعرِیف میں
بنی قورح کا مزمُور یعنی گِیت۔
1اُس کی بُنیاد مُقدّس پہاڑوں میں ہے۔
2خُداوند صِیُّون کے پھاٹکوں کو
یعقُوب کے سب مسکنوں سے زِیادہ عزِیز
رکھتا ہے۔
3اَے خُدا کے شہر!
تیری بڑی بڑی خُوبیاں بیان کی جاتی ہیں۔
(سِلاہ)
4مَیں رہب اور بابل کا یُوں ذِکر کرُوں گا کہ وہ میرے
جاننے والوں میں ہیں۔
فلِستِین اور صُور اور کُوش کو دیکھو۔
یہ وہاں پَیدا ہُؤا تھا۔
5بلکہ صِیُّون کے بارے میں کہا جائے گا کہ فُلاں فُلاں
آدمی اُس میں پَیدا ہُوئے
اور حق تعالیٰ خُود اُس کو قِیام بخشے گا۔
6خُداوند قَوموں کے شُمار کے وقت درج کرے گا۔
کہ یہ شخص وہاں پَیدا ہُؤا تھا۔ (سِلاہ)
7گانے والے اور ناچنے والے یِہی کہیں گے
کہ میرے سب چشمے تُجھ ہی میں ہیں۔
مدد کے لِئے پُکار
گِیت بنی قورح کا مزمُور۔ مِیر مُغنّی کے لِئے مَحلَت
لعِنّوت کے سُر پر ہیمان اِزراخی کا مشکِیل۔
1اَے خُداوند میرے نجات دینے والے خُدا!
مَیں نے رات دِن تیرے حضُور فریاد کی ہے۔
2میری دُعا تیرے حضُور پُہنچے۔
میری فریاد پر کان لگا۔
3کیونکہ میرا دِل دُکھوں سے بھرا ہے
اور میری جان پاتال کے نزدِیک پُہنچ گئی ہے۔
4مَیں گور میں اُترنے والوں کے ساتھ گِنا جاتا ہُوں۔
مَیں اُس شخص کی مانِند ہُوں جو بِالکُل بیکس ہو۔
5گویا مقتُولوں کی مانِند جو قبر میں پڑے ہیں
مُردوں کے درمیان ڈال دِیا گیا ہُوں
جِن کو تُو پِھر کبھی یاد نہیں کرتا
اور وہ تیرے ہاتھ سے کاٹ ڈالے گئے۔
6تُو نے مُجھے گہراؤ میں۔ اندھیری جگہ میں۔
پاتال کی تہہ میں رکھّا ہے۔
7مُجھ پر تیرا قہر بھاری ہے۔
تُو نے اپنی سب مَوجوں سے مُجھے دُکھ دِیا
ہے۔ (سِلاہ)
8تُو نے میرے جان پہچانوں کو مُجھ سے دُور کر دِیا۔
تُو نے مُجھے اُن کے نزدِیک گِھنونا بنا دِیا۔
مَیں بند ہُوں اور نِکل نہیں سکتا۔
9میری آنکھ دُکھ سے دُھندلا چلی۔
اَے خُداوند! مَیں نے ہر روز تُجھ سے دُعا
کی ہے۔
مَیں نے اپنے ہاتھ تیری طرف پَھیلائے ہیں۔
10کیا تُو مُردوں کو عجائِب دِکھائے گا؟
کیا وہ جو مَر گئے ہیں اُٹھ کر تیری تعرِیف کریں
گے؟ (سِلاہ)
11کیا تیری شفقت کا چرچا گور میں ہو گا
یا تیری وفاداری کا جہنم میں؟
12کیا تیرے عجائِب کو اندھیرے میں پہچانیں گے
اور تیری صداقت کو فراموشی کی سرزمِین میں؟
13پر اَے خُداوند! مَیں نے تو تیری دُہائی دی ہے
اور صُبح کو میری دُعا تیرے حضُور پُہنچے گی۔
14اَے خُداوند! تُو کیوں میری جان کو ترک
کرتا ہے؟
تُو اپنا چہرہ مُجھ سے کیوں چِھپاتا ہے؟
15مَیں لڑکپن ہی سے مُصِیبت زدہ اور قرِیبُ المَوت
ہُوں۔
مَیں تیرے ڈر کے مارے حواس باختہ ہو گیا۔
16تیرا قہرِ شدِید مُجھ پر آ پڑا۔
تیری دہشت نے میرا کام تمام کر دِیا۔
17اُس نے دِن بھر سَیلاب کی طرح میرا اِحاطہ کِیا۔
اُس نے مُجھے بِالکُل گھیر لِیا۔
18تُو نے دوست و احباب کو مُجھ سے دُور کِیا
اور میرے جان پہچانوں کو اندھیرے میں ڈال دِیا ہے۔
قَومی مُصِیبت کے مَوقع کے لِئے گِیت
ایتان اِزراخی کا مشکِیل۔
1مَیں ہمیشہ خُداوند کی شفقت کے گِیت گاؤُں گا۔
مَیں پُشت در پُشت اپنے مُنہ سے تیری وفاداری
کا اِعلان کرُوں گا۔
2کیونکہ مَیں نے کہا کہ شفقت ابد تک بنی رہے گی۔
تُو اپنی وفاداری کو آسمان میں قائِم رکھّے گا۔
3مَیں نے اپنے برگُزِیدہ کے ساتھ عہد باندھا ہے۔
مَیں نے اپنے بندہ داؤُد سے قَسم کھائی ہے۔
4مَیں تیری نسل کو ہمیشہ کے لِئے قائِم کرُوں گا
اور تیرے تخت کو پُشت در پُشت بنائے رکھُّوں
گا۔ (سِلاہ)
5اَے خُداوند! آسمان تیرے عجائِب کی تعرِیف
کرے گا۔
مُقدّسوں کے مجمع میں تیری وفاداری کی
تعرِیف ہو گی
6کیونکہ افلاک پر خُداوند کا نظِیر کَون ہے؟
فرِشتگان میں کَون خُداوند کی مانِند ہے؟
7اَیسا معبُود جو مُقدّسوں کی محفِل میں نہایت تعظِیم کے
لائِق ہے
اور اپنے سب اِردگِرد والوں سے زیادہ
مُہِیب ہے۔
8اَے خُداوند لشکروں کے خُدا!
اَے یاہ! تُجھ سا زبردست کَون ہے؟
تیری وفاداری تیرے چَوگِرد ہے۔
9سمُندر کے جوش و خروش پر تُو حُکمرانی کرتا ہے۔
تُو اُس کی اُٹھتی لہروں کو تھما دیتا ہے۔
10تُو نے رہب کو مقتُول کی مانِند ٹُکڑے ٹُکڑے کِیا۔
تُو نے اپنے قوّی بازُو سے اپنے دُشمنوں کو
پراگندہ کر دِیا۔
11آسمان تیرا ہے۔ زمِین بھی تیری ہے۔
جہان اور اُس کی معمُوری کو تُو ہی نے قائِم
کِیا ہے۔
12شِمال اور جنُوب کا پَیدا کرنے والا تُو ہی ہے۔
تبُور اور حرمُوؔن تیرے نام سے خُوشی مناتے ہیں۔
13تیرا بازُو قُدرت والا ہے۔
تیرا ہاتھ قوّی اور تیرا دہنا ہاتھ بُلند ہے۔
14صداقت اور عدل تیرے تخت کی بُنیاد ہیں۔
شفقت اور وفاداری تیرے آگے آگے
چلتی ہیں۔
15مُبارک ہے وہ قَوم جو خُوشی کی للکار کو پہچانتی ہے۔
وہ اَے خُداوند! جو تیرے چہرہ کے نُور میں
چلتے ہیں۔
16وہ دِن بھر تیرے نام سے خُوشی مناتے ہیں
اور تیری صداقت سے سرفراز ہوتے ہیں۔
17کیونکہ اُن کی قُوّت کی شان تُو ہی ہے
اور تیرے کرم سے ہمارا سِینگ بُلند ہو گا۔
18کیونکہ ہماری سِپر خُداوند کی طرف سے ہے
اور ہمارا بادشاہ اِسرائیل کے قُدُّوس کی
طرف سے۔
داؤُد کے ساتھ خُدا کا وعدہ
19اُس وقت تُو نے رویا میں اپنے مُقدّسوں سے کلام کِیا
اور فرمایا کہ مَیں نے ایک زبردست کو مددگار بنایا ہے
اور قَوم میں سے ایک کو چُن کر سرفراز کِیا ہے۔
20میرا بندہ داؤُد مُجھے مِل گیا۔
اپنے مُقدّس تیل سے مَیں نے اُسے مَسح کِیا ہے۔
21میرا ہاتھ اُس کے ساتھ رہے گا۔
میرا بازُو اُسے تقوِیت دے گا۔
22دُشمن اُس پر جبر نہ کرنے پائے گا
اور شرارت کا فرزند اُسے نہ ستائے گا
23مَیں اُس کے مُخالِفوں کو اُس کے سامنے مغلُوب
کرُوں گا
اور اُس سے عداوت رکھنے والوں کو مارُوں گا
24پر میری وفاداری اور شفقت اُس کے ساتھ
رہیں گی
اور میرے نام سے اُس کا سِینگ بُلند ہو گا۔
25مَیں اُس کا ہاتھ سمُندر تک بڑھاؤُں گا
اور اُس کے دہنے ہاتھ کو دریاؤں تک۔
26وہ مُجھے پُکار کر کہے گا تُو میرا باپ
میرا خُدا اور میری نجات کی چٹان ہے۔
27اور مَیں اُس کو اپنا پہلوٹھا بناؤُں گا
اور دُنیا کا شاہنشاہ۔
28مَیں اپنی شفقت کو اُس کے لِئے ابد تک قائِم
رکھُّوں گا
اور میرا عہد اُس کے ساتھ لاتبدیل رہے گا۔
29مَیں اُس کی نسل کو ہمیشہ تک قائِم رکھُّوں گا
اور اُس کے تخت کو جب تک آسمان ہے۔
30اگر اُس کے فرزند میری شرِیعت کو ترک کر دیں
اور میرے احکام پر نہ چلیں۔
31اگر وہ میرے آئِین کو توڑیں
اور میرے فرمان کو نہ مانیں
32تو مَیں اُن کو چھڑی سے خطا کی
اور کوڑوں سے بدکاری کی سزا دُوں گا۔
33لیکن مَیں اپنی شفقت اُس پر سے ہٹا نہ لُوں گا
اور اپنی وفاداری کو باطِل ہونے نہ دُوں گا۔
34مَیں اپنے عہد کو نہ توڑُوں گا
اور اپنے مُنہ کی بات کو نہ بدلُوں گا۔
35مَیں ایک بار اپنی قُدُّوسی کی قَسم کھا چُکا ہُوں۔
مَیں داؤُد سے جُھوٹ نہ بولُوں گا۔
36اُس کی نسل ہمیشہ قائِم رہے گی
اور اُس کا تخت آفتاب کی مانِند میرے حضُور
قائِم رہے گا۔
37وہ ہمیشہ چاند کی طرح
اور آسمان کے سچّے گواہ کی مانِند قائِم رہے
گا۔ (سِلاہ)
بادشاہ کی شِکست پر نَوحہ
38لیکن تُو نے تو ترک کر دِیا اور چھوڑ دِیا۔
تُو اپنے ممسُوح سے ناراض ہُؤا ہے۔
39تُو نے اپنے خادِم کے عہد کو ردّ کر دِیا۔
تُو نے اُس کے تاج کو خاک میں مِلا دِیا۔
40تُو نے اُس کی سب باڑوں کو توڑ ڈالا۔
تُو نے اُس کے قلعوں کو کھنڈر بنا دِیا۔
41سب آنے جانے والے اُسے لُوٹتے ہیں۔
وہ اپنے پڑوسِیوں کی ملامت کا نِشانہ بن گیا۔
42تُو نے اُس کے مُخالِفوں کے دہنے ہاتھ کو
بُلند کِیا۔
تُو نے اُس کے سب دُشمنوں کو خُوش کِیا۔
43بلکہ تُو اُس کی تلوار کی دھار کو موڑ دیتا ہے
اور لڑائی میں اُس کے پاؤں کو جمنے نہیں دِیا۔
44تُو نے اُس کی رَونق اُڑا دی
اور اُس کا تخت خاک میں مِلا دِیا۔
45تُو نے اُس کی جوانی کے دِن گھٹا دِئے۔
تُو نے اُسے شرم آلُود کر دِیا ہے۔ (سِلاہ)
رہائی کے لِئے اِلتجا
46اَے خُداوند! کب تک؟ کیا تُو ہمیشہ تک پوشِیدہ
رہے گا؟
تیرے قہر کی آگ کب تک بھڑکتی رہے گی؟
47یاد رکھ میرا قِیام ہی کیا ہے۔
تُو نے کَیسی بطالت کے لِئے کُل بنی آدمؔ
کو پَیدا کِیا!
48وہ کَون سا آدمی ہے جو جِیتا ہی رہے گا اور مَوت کو نہ
دیکھے گا
اور اپنی جان کو پاتال کے ہاتھ سے بچا لے
گا؟ (سِلاہ)
49یا رب! تیری وہ پہلی شفقت کیا ہُوئی
جِس کی بابت تُو نے داؤُد سے اپنی وفاداری کی
قَسم کھائی تھی؟
50یا رب! اپنے بندوں کی رُسوائی کو یاد کر
مَیں تو سب زبردست قَوموں کی طَعنہ زنی اپنے
سِینہ میں لِئے پِھرتا ہُوں
51اَے خُداوند! تیرے دُشمنوں نے کَیسے طَعنے مارے۔
تیرے ممسُوح کے قدم قدم پر کَیسی طَعنہ زنی
کی ہے۔
52خُداوند ابدُلآباد مُبارک ہو!
آمِین ثُمَّ آمِین۔
چَوتھی کِتاب
(زبُور ۹۰‏—۱۰۶)
خُدا اور بنی نَوع اِنسان کے بارے میں
مَردِ خُدا مُوسیٰ کی دُعا۔
1یا رب! پُشت در پُشت
تُو ہی ہماری پناہ گاہ رہا ہے۔
2اِس سے پیشتر کہ پہاڑ پَیدا ہُوئے
یا زمِین اور دُنیا کو تُو نے بنایا۔
ازل سے ابد تک تُو ہی خُدا ہے۔
3تُو اِنسان کو پِھر خاک میں مِلا دیتا ہے
اور فرماتا ہے اَے بنی آدمؔ! لَوٹ آؤ۔
4کیونکہ تیری نظر میں ہزار برس اَیسے ہیں
جَیسے کل کا دِن جو گُذر گیا
اور جَیسے رات کا ایک پہر۔
5تُو اُن کو گویا سَیلاب سے بہا لے جاتا ہے۔
وہ نِیند کی ایک جھپکی کی مانِند ہیں۔
وہ صُبح کو اُگنے والی گھاس کی مانِند ہیں۔
6وہ صُبح کو لہلہاتی اور بڑھتی ہے۔
وہ شام کو کٹتی اور سُوکھ جاتی ہے۔
7کیونکہ ہم تیرے قہر سے فنا ہو گئے۔
اور تیرے غضب سے پریشان ہُوئے۔
8تُو نے ہماری بدکرداری کو اپنے سامنے رکھّا
اور ہمارے پوشِیدہ گُناہوں کو اپنے چہرہ کی
رَوشنی میں۔
9کیونکہ ہمارے تمام دِن تیرے قہر میں گُذرے۔
ہماری عُمر خیال کی طرح جاتی رہتی ہے۔
10ہماری عُمر کی مِیعاد ستّر برس ہے۔
یا قُوّت ہو تو اَسّی برس۔
تَو بھی اُن کی رَونق محض مشقّت اور غم ہے
کیونکہ وہ جلد جاتی رہتی ہے اور ہم اُڑ جاتے ہیں۔
11تیرے قہر کی شِدّت کو کَون جانتا ہے
اور تیرے خَوف کے مُطابِق تیرے غضب کو؟
12ہم کو اپنے دِن گِننا سِکھا۔
اَیسا کہ ہم دانا دِل حاصِل کریں۔
13اَے خُداوند! باز آ۔ کب تک؟
اور اپنے بندوں پر رحم فرما۔
14صُبح کو اپنی شفقت سے ہم کو آسُودہ کر
تاکہ ہم عُمر بھر خُوش و خُرّم رہیں۔
15جِتنے دِن تُو نے ہم کو دُکھ دِیا
اور جِتنے برس ہم مُصِیبت میں رہے اُتنی ہی خُوشی
ہم کو عنایت کر۔
16تیرا کام تیرے بندوں پر
اور تیرا جلال اُن کی اَولاد پر ظاہِر ہو۔
17اور رب ہمارے خُدا کا کرم ہم پر سایہ کرے۔
ہمارے ہاتھوں کے کام کو ہمارے لِئے قِیام بخش۔
ہاں ہمارے ہاتھوں کے کام کو قِیام بخش دے۔
خُدا ہماری پناہ
1جو حق تعالیٰ کے پردہ میں رہتا ہے۔
وہ قادرِ مُطلق کے سایہ میں سکُونت کرے گا۔
2مَیں خُداوند کے بارے میں کہُوں گا وُہی میری پناہ
اور میرا گڑھ ہے۔
وہ میرا خُدا ہے جِس پر میرا توکُّل ہے۔
3کیونکہ وہ تُجھے صیّاد کے پھندے سے
اور مُہلِک وبا سے چُھڑائے گا۔
4وہ تُجھے اپنے پروں سے چِھپا لے گا
اور تُجھے اُس کے بازُوؤں کے نِیچے پناہ مِلے گی۔
اُس کی سچّائی ڈھال اور سِپر ہے۔
5تُو نہ رات کی ہَیبت سے ڈرے گا۔
نہ دِن کو اُڑنے والے تِیر سے۔
6نہ اُس وبا سے جو اندھیرے میں چلتی ہے
نہ اُس ہلاکت سے جو دوپہر کو وِیران کرتی ہے۔
7تیرے آس پاس ایک ہزار گِر جائیں گے
اور تیرے دہنے ہاتھ کی طرف دس ہزار
لیکن وہ تیرے نزدِیک نہ آئے گی۔
8لیکن تُو اپنی آنکھوں سے نِگاہ کرے گا
اور شرِیروں کے انجام کو دیکھے گا۔
9پر تُو اَے خُداوند! میری پناہ ہے!
تُو نے حق تعالیٰ کو اپنا مسکن بنا لِیا ہے۔
10تُجھ پر کوئی آفت نہیں آئے گی
اور کوئی وبا تیرے خَیمہ کے نزدِیک نہ پُہنچے گی۔
11کیونکہ وہ تیری بابت اپنے فرِشتوں کو حُکم دے گا
کہ تیری سب راہوں میں تیری حِفاظت کریں۔
12وہ تُجھے اپنے ہاتھوں پر اُٹھا لیں گے
تاکہ اَیسا نہ ہو کہ تیرے پاؤں کو پتھّر سے
ٹھیس لگے۔
13تُو شیرِ بَبر اور افعی کو رَوندے گا۔
تُو جوان شیر اور اژدہا کو پامال کرے گا۔
14چُونکہ اُس نے مُجھ سے دِل لگایا ہے اِس لِئے مَیں
اُسے چُھڑاؤُں گا۔
مَیں اُسے سرفراز کرُوں گا کیونکہ اُس نے میرا
نام پہچانا ہے۔
15وہ مُجھے پُکارے گا اور مَیں اُسے جواب دُوں گا۔
مَیں مُصِیبت میں اُس کے ساتھ رہُوں گا۔
مَیں اُسے چُھڑاؤُں گا اور عِزّت بخشُوں گا۔
16مَیں اُسے عُمر کی درازی سے آسُودہ کرُوں گا
اور اپنی نجات اُسے دِکھاؤُں گا۔
حمد و سِتایش کا گِیت
مزمُور۔ سبت کے دِن کے لِئے گِیت۔
1کیا ہی بھلا ہے خُداوند کا شُکر کرنا
اور تیرے نام کی مدح سرائی کرنا اَے حق تعالیٰ!
2صُبح کو تیری شفقت کا اِظہار کرنا
اور رات کو تیری وفاداری کا۔
3دس تار والے ساز اور بربط پر
اور سِتار پر گُونجتی آواز کے ساتھ۔
4کیونکہ اَے خُداوند! تُو نے مُجھے اپنے کام سے
خُوش کِیا۔
مَیں تیری صنعت کاری کے سبب سے شادیانہ
بجاؤُں گا۔
5اَے خُداوند! تیری صنعتیں کَیسی بڑی ہیں!
تیرے خیال بُہت عمِیق ہیں۔
6حَیوان خصلت نہیں جانتا
اور احمق اِس کو نہیں سمجھتا ہے۔
7جب شرِیر گھاس کی طرح اُگتے ہیں
اور سب بدکردار پُھولتے پَھلتے ہیں
تو یہ اِسی لِئے ہے کہ وہ ہمیشہ کے لِئے فنا ہوں۔
8لیکن تُو اَے خُداوند! ابدُالآباد بُلند ہے۔
9کیونکہ دیکھ! اَے خُداوند! تیرے دُشمن۔
دیکھ! تیرے دُشمن ہلاک ہو جائیں گے۔
سب بدکردار پراگندہ کر دِئے جائیں گے۔
10لیکن تُو نے میرے سِینگ کو جنگلی سانڈ کے سِینگ
کی مانِند بُلند کِیا ہے۔
مُجھ پر تازہ تیل ملا گیا ہے۔
11میری آنکھ نے میرے دُشمنوں کو دیکھ لِیا۔
میرے کانوں نے میرے مُخالِف بدکاروں کا
حال سُن لِیا ہے۔
12صادِق کھجُور کے درخت کی مانِند سرسبز ہو گا۔
وہ لُبنان کے دیودار کی طرح بڑھے گا۔
13جو خُداوند کے گھر میں لگائے گئے ہیں
وہ ہمارے خُدا کی بارگاہوں میں سرسبز
ہوں گے۔
14وہ بُڑھاپے میں بھی برومند ہوں گے۔
وہ تر و تازہ اور سرسبز رہیں گے
15تاکہ واضِح کریں کہ خُداوند راست ہے۔
وُہی میری چٹان ہے اور اُس میں ناراستی نہیں۔
خُدا بادشاہ ہے
1خُداوند سلطنت کرتا ہے۔ وہ شَوکت سے
مُلبّس ہے۔
خُداوند قُدرت سے مُلبّس ہے۔ وہ اُس سے
کمربستہ ہے۔
اِس لِئے جہان قائِم ہے اور اُسے جُنبش نہیں۔
2تیرا تخت قدِیم سے قائِم ہے۔
تُو ازل سے ہے۔
3سَیلابوں نے اَے خُداوند!
سَیلابوں نے شور مچا رکھّا ہے۔
سَیلاب مَوجزن ہیں۔
4بحروں کی آواز سے۔
سمُندر کی زبردست مَوجوں سے بھی
خُداوند بُلند و قادِر ہے۔
5تیری شہادتیں بِالکُل سچّی ہیں۔
اَے خُداوند! ابدُالآباد کے لِئے
قُدُوسِیت تیرے گھر کو زیبا ہے۔
خُدا سب کا اِنصاف کرنے والا ہے
1اَے خُداوند! اَے اِنتقام لینے والے خُدا!
اَے اِنتقام لینے والے خُدا! جلوہ گر ہو۔
2اَے جہان کا اِنصاف کرنے والے! اُٹھ۔
مغرُوروں کو بدلہ دے۔
3اَے خُداوند! شرِیر کب تک۔
شرِیر کب تک شادیانہ بجایا کریں گے؟
4وہ بکواس کرتے اور بڑا بول بولتے ہیں۔
سب بدکردار لاف زنی کرتے ہیں۔
5اَے خُداوند! وہ تیرے لوگوں کو پِیسے ڈالتے ہیں
اور تیری مِیراث کو دُکھ دیتے ہیں۔
6وہ بیوہ اور پردیسی کو قتل کرتے
اور یتِیم کو مار ڈالتے ہیں
7اور کہتے ہیں کہ خُداوند نہیں دیکھے گا
اور یعقُوب کا خُدا خیال نہیں کرے گا۔
8اَے قَوم کے حَیوانو! ذرا خیال کرو!
اَے احمقو! تُمہیں کب عقل آئے گی؟
9جِس نے کان دِیا کیا وہ خُود نہیں سُنتا؟
جِس نے آنکھ بنائی کیا وہ دیکھ نہیں سکتا؟
10کیا وہ جو قَوموں کو تنبِیہ کرتا ہے
اور اِنسان کو دانِش سِکھاتا ہے سزا نہ دے گا؟
11خُداوند اِنسان کے خیالوں کو جانتا ہے
کہ وہ باطِل ہیں۔
12اَے خُداوند! مُبارک ہے وہ آدمی جِسے تُو تنبِیہ کرتا
اور اپنی شرِیعت کی تعلِیم دیتا ہے۔
13تاکہ اُس کو مُصِیبت کے دِنوں میں آرام بخشے۔
جب تک شرِیر کے لِئے گڑھا نہ کھودا جائے۔
14کیونکہ خُداوند اپنے لوگوں کو ترک نہیں کرے گا
اور وہ اپنی مِیراث کو نہیں چھوڑے گا۔
15کیونکہ عدل صداقت کی طرف رجُوع کرے گا
اور سب راست دِل اُس کی پَیروی کریں گے۔
16شرِیروں کے مُقابلہ میں کَون میرے لِئے اُٹھے گا؟
بدکرداروں کے خِلاف کَون میرے لِئے
کھڑا ہو گا؟
17اگر خُداوند میرا مددگار نہ ہوتا۔
تو میری جان کب کی عالمِ خاموشی میں جا
بسی ہوتی۔
18جب مَیں نے کہا میرا پاؤں پِھسل چلا
تو اَے خُداوند! تیری شفقت نے مُجھے
سنبھال لِیا۔
19جب میرے دِل میں فِکروں کی کثرت ہوتی ہے
تو تیری تسلّی میری جان کو شاد کرتی ہے۔
20کیا شرارت کے تخت سے تُجھے کُچھ واسطہ ہو گا
جو قانُون کی آڑ میں بدی گھڑتا ہے؟
21وہ صادِق کی جان لینے کو اِکٹھے ہوتے ہیں
اور بے گُناہ پر قتل کا فتویٰ دیتے ہیں۔
22لیکن خُداوند میرا اُونچا بُرج
اور میرا خُدا میری پناہ کی چٹان رہا ہے۔
23وہ اُن کی بدکاری اُن ہی پر لائے گا
اور اُن ہی کی شرارت میں اُن کو کاٹ ڈالے گا۔
خُداوند ہمارا خُدا اُن کو کاٹ ڈالے گا۔
حمد و ثنا کا گِیت
1آؤ ہم خُداوند کے حضُور نغمہ سرائی کریں!
اپنی نجات کی چٹان کے سامنے خُوشی سے للکاریں۔
2شُکرگُذاری کرتے ہُوئے اُس کے حضُور میں
حاضِر ہوں۔
مزمُور گاتے ہُوئے اُس کے آگے خُوشی
سے للکاریں۔
3کیونکہ خُداوند خُدایِ عظِیم ہے
اور سب اِلہٰوں پر شاہِ عظِیم ہے۔
4زمِین کے گہراؤ اُس کے قبضہ میں ہیں۔
پہاڑوں کی چوٹِیاں بھی اُسی کی ہیں۔
5سمُندر اُس کا ہے۔ اُسی نے اُس کو بنایا
اور اُسی کے ہاتھوں نے خُشکی کو بھی تیّار کِیا۔
6آؤ ہم جُھکیں اور سِجدہ کریں!
اور اپنے خالق خُداوند کے حضُور گُھٹنے ٹیکیں۔
7کیونکہ وہ ہمارا خُدا ہے
اور ہم اُس کی چراگاہ کے لوگ اور اُس کے ہاتھ کی
بھیڑیں ہیں۔
کاش کہ آج کے دِن تُم اُس کی آواز سُنتے!
8تُم اپنے دِل کو سخت نہ کرو جَیسا مرِیبہ میں
جَیسا مسّاہ کے دِن بیابان میں کِیا تھا۔
9اُس وقت تُمہارے باپ دادا نے مُجھے آزمایا
اور میرا اِمتحان کِیا اور میرے کام کو بھی دیکھا۔
10چالِیس برس تک مَیں اُس نسل سے بیزار رہا
اور مَیں نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جِن کے دِل
آوارہ ہیں
اور اُنہوں نے میری راہوں کو نہیں پہچانا۔
11چُنانچہ مَیں نے اپنے غضب میں قَسم کھائی
کہ یہ لوگ میرے آرام میں داخِل نہ ہوں گے۔
خُدا سب سے بڑا بادشاہ ہے
1خُداوند کے حضُور نیا گِیت گاؤ۔
اَے سب اہلِ زمِین! خُداوند کے حضُور گاؤ۔
2خُداوند کے حضُور گاؤ۔ اُس کے نام کو مُبارک کہو۔
روز بروز اُس کی نجات کی بشارت دو۔
3قَوموں میں اُس کے جلال کا۔
سب لوگوں میں اُس کے عجائِب کا بیان کرو۔
4کیونکہ خُداوند بزُرگ اور نِہایت سِتایش کے
لائِق ہے۔
وہ سب معبُودوں سے زِیادہ تعظِیم کے لائِق ہے۔
5اِس لِئے کہ اَور قَوموں کے سب معبُود محض بُت ہیں
لیکن خُداوند نے آسمانوں کو بنایا۔
6عظمت اور جلال اُس کے حضُور میں ہیں۔
قُدرت اور جمال اُس کے مَقدِس میں۔
7اَے قَوموں کے قبِیلو! خُداوند کی۔
خُداوند ہی کی تمجِید و تعظِیم کرو۔
8خُداوند کی اَیسی تمجِید کرو جو اُس کے نام کے
شایان ہے۔
ہدیہ لاؤ اور اُس کی بارگاہوں میں آؤ۔
9پاک آرایش کے ساتھ خُداوند کو سِجدہ کرو۔
اَے سب اہلِ زمِین! اُس کے حضُور کانپتے رہو۔
10قَوموں میں اِعلان کرو کہ خُداوند سلطنت کرتا ہے۔
جہان قائِم ہے اور اُسے جُنبش نہیں۔
وہ راستی سے قَوموں کی عدالت کرے گا۔
11آسمان خُوشی منائے اور زمِین شادمان ہو۔
سمُندر اور اُس کی معمُوری شور مچائیں۔
12مَیدان اور جو کُچھ اُس میں ہے باغ باغ ہوں۔
تب جنگل کے سب درخت خُوشی سے گانے
لگیں گے۔
13خُداوند کے حضُور۔ کیونکہ وہ آ رہا ہے۔
وہ زمِین کی عدالت کرنے کو آ رہا ہے۔
وہ صداقت سے جہان کی
اور اپنی سچّائی سے قَوموں کی عدالت کرے گا۔
خُدا سب سے اعلیٰ فرمانروا ہے
1خُداوند سلطنت کرتا ہے۔ زمِین شادمان ہو۔
بے شُمار جزِیرے خُوشی منائیں۔
2بادل اور تارِیکی اُس کے اِردگِرد ہیں۔
صداقت اور عدل اُس کے تخت کی بُنیاد ہیں۔
3آگ اُس کے آگے آگے چلتی ہے
اور چاروں طرف اُس کے مُخالِفوں کو بھسم کر دیتی ہے۔
4اُس کی بِجلیوں نے جہان کو رَوشن کر دِیا۔
زمِین نے دیکھا اور کانپ گئی۔
5خُداوند کے حضُور پہاڑ موم کی طرح پِگھل گئے۔
یعنی ساری زمِین کے خُداوند کے حضُور۔
6آسمان اُس کی صداقت ظاہِر کرتا ہے۔
سب قَوموں نے اُس کا جلال دیکھا ہے۔
7کُھدی ہُوئی مُورتوں کے سب پُوجنے والے
جو بُتوں پر فخر کرتے ہیں شرمِندہ ہوں۔
اَے معبُودو! سب اُس کو سِجدہ کرو۔
8اَے خُداوند! صِیُّون نے سُنا اور خُوش ہُوئی
اور یہُوداؔہ کی بیٹیاں تیرے احکام سے
شادمان ہُوئِیں۔
9کیونکہ اَے خُداوند! تُو تمام زمِین پر بُلند و بالا ہے۔
تُو سب معبُودوں سے نِہایت اعلیٰ ہے۔
10اَے خُداوند سے مُحبّت رکھنے والو! بدی سے
نفرت کرو۔
وہ اپنے مُقدّسوں کی جانوں کو محفُوظ رکھتا ہے۔
وہ اُن کو شرِیروں کے ہاتھ سے چُھڑاتا ہے۔
11صادِقوں کے لِئے نُور بویا گیا ہے
اور راست دِلوں کے لِئے خُوشی۔
12اَے صادِقو! خُداوند میں خُوش رہو
اور اُس کے پاک نام کا شُکر کرو۔
خُدا دُنیا کا فرمانروا ہے
مزمُور۔
1خُداوند کے حضُور نیا گِیت گاؤ
کیونکہ اُس نے عجِیب کام کِئے ہیں۔
اُس کے دہنے ہاتھ اور اُس کے مُقدّس بازُو
نے اُس کے لِئے فتح حاصِل کی ہے۔
2خُداوند نے اپنی نجات ظاہِر کی ہے۔
اُس نے اپنی صداقت قَوموں کے سامنے نمایاں
کی ہے۔
3اُس نے اِسرائیل کے گھرانے کے حق میں اپنی
شفقت و وفاداری یاد کی ہے۔
اِنتہایِ زمِین کے لوگوں نے ہمارے خُدا کی نجات
دیکھی ہے۔
4اَے تمام اہلِ زمِین! خُداوند کے حضُور خُوشی کا
نعرہ مارو
للکارو اور خُوشی سے گاؤ اور مدح سرائی کرو۔
5خُداوند کی سِتایش سِتار پر کرو۔
سِتار اور سُرِیلی آواز سے۔
6نرسِنگے اور قرنا کی آواز سے
بادشاہ یعنی خُداوند کے حضُور خُوشی کا نعرہ مارو۔
7سمُندر اور اُس کی معمُوری شور مچائیں
اور جہان اور اُس کے باشِندے۔
8سَیلاب تالِیاں بجائیں۔
پہاڑِیاں مِل کر خُوشی سے گائیں۔
9خُداوند کے حضُور۔ کیونکہ وہ زمِین کی عدالت
کرنے آ رہا ہے۔
وہ صداقت سے جہان کی
اور راستی سے قَوموں کی عدالت کرے گا۔
خُدا سب سے بڑا بادشاہ ہے
1خُداوند سلطنت کرتا ہے۔ قَومیں کانپیں۔
وہ کرُّوبیوں پر بَیٹھتا ہے۔ زمِین لرزے۔
2خُداوند صِیُّون میں بزُرگ ہے
اور وہ سب قَوموں پر بُلند و بالا ہے۔
3وہ تیرے بزُرگ اور مُہِیب نام کی تعرِیف کریں۔
وہ قُدُّوس ہے۔
4بادشاہ کی قُوّت اِنصاف پسند ہے۔
تُو راستی کو قائِم کرتا ہے۔
تُو ہی نے عدل اور صداقت کو یعقُوب میں
رائِج کِیا۔
5تُم خُداوند ہمارے خُدا کی تمجِید کرو۔
اور اُس کے پاؤں کی چَوکی پر سِجدہ کرو۔
وہ قُدُّوس ہے۔
6اُس کے کاہِنوں میں سے مُوسیٰ اور ہارُون نے
اور اُس کا نام لینے والوں میں سے سموئیل نے
خُداوند سے دُعا کی اور اُس نے اُن کو جواب دِیا۔
7اُس نے بادل کے سُتُون میں سے اُن سے
کلام کِیا۔
اُنہوں نے اُس کی شہادتوں کو اور اُس آئِین کو
جو اُس نے اُن کو دِیا تھا مانا۔
8اَے خُداوند ہمارے خُدا! تُو اُن کو جواب دیتا تھا۔
تُو وہ خُدا ہے جو اُن کو مُعاف کرتا رہا۔
اگرچہ تُو نے اُن کے اعمال کا بدلہ بھی دِیا۔
9تُم خُداوند ہمارے خُدا کی تمجِید کرو
اور اُس کے مُقدّس پہاڑ پر سِجدہ کرو۔
کیونکہ خُداوند ہمارا خُدا قُدُّوس ہے۔
حمد و سِتایش کا گِیت
شُکرگُذاری کا مزمُور۔
1اَے اہلِ زمِین! سب خُداوند کے حضُور خُوشی کا
نعرہ مارو۔
2خُوشی سے خُداوند کی عِبادت کرو۔
گاتے ہُوئے اُس کے حضُور حاضِر ہو۔
3جان رکھّو کہ خُداوند ہی خُدا ہے۔
اُسی نے ہم کو بنایا اور ہم اُسی کے ہیں۔
ہم اُس کے لوگ اور اُس کی چراگاہ کی بھیڑیں ہیں۔
4شُکرگُذاری کرتے ہُوئے اُس کے پھاٹکوں میں
اور حمد کرتے ہُوئے اُس کی بارگاہوں میں داخِل ہو۔
اُس کا شُکر کرو اور اُس کے نام کو مُبارک کہو۔
5کیونکہ خُداوند بھلا ہے۔ اُس کی شفقت ابدی ہے
اور اُس کی وفاداری پُشت در پُشت رہتی ہے۔
ایک بادشاہ کا وعدہ
داؤُد کا مزمُور۔
1مَیں شفقت اور عدل کا گِیت گاؤُں گا۔
اَے خُداوند! مَیں تیری مدح سرائی کرُوں گا۔
2مَیں عقل مندی سے کامِل راہ پر چلُوں گا۔
تُو میرے پاس کب آئے گا؟
گھر میں میری روِش خلُوصِ دِل سے ہو گی۔
3مَیں کِسی خباثت کو مدِنظر نہیں رکھُّوں گا۔
مُجھے کج رفتاروں کے کام سے نفرت ہے۔
اُس کو مُجھ سے کُچھ سروکار نہ ہو گا۔
4کج دِلی مُجھ سے دُور ہو جائے گی۔
مَیں کِسی بُرائی سے آشنا نہ ہُوں گا۔
5جو در پردہ اپنے ہمسایہ کی غِیبت کرے مَیں اُسے
ہلاک کر ڈالُوں گا۔
مَیں بُلند نظر اور مغرُور دِل کی برداشت نہ
کرُوں گا۔
6مُلک کے اِیمان داروں پر میری نِگاہ ہو گی تاکہ وہ
میرے ساتھ رہیں۔
جو کامِل راہ پر چلتا ہے وُہی میری خِدمت
کرے گا۔
7دغاباز میرے گھر میں رہنے نہ پائے گا۔
دروغ گو کو میرے رُوبرُو قِیام نہ ہو گا۔
8مَیں ہر صُبح مُلک کے سب شرِیروں کو ہلاک کِیا
کرُوں گا
تاکہ خُداوند کے شہر سے بدکاروں کو کاٹ ڈالُوں۔
ایک پریشان حال جوان کی دُعا
مُصِیبت زدہ کی دُعا جب وہ افسُردہ دِل ہو کر خُداوند کے حضُوراپنا رونا روتا ہے۔
1اَے خُداوند! میری دُعا سُن
اور میری فریاد تیرے حضُور پُہنچے۔
2میری مُصِیبت کے دِن مُجھ سے رُوپوش نہ ہو۔
اپنا کان میری طرف جُھکا۔
جِس دِن مَیں فریاد کرُوں مُجھے جلد جواب دے۔
3کیونکہ میرے دِن دُھوئیں کی طرح اُڑے
جاتے ہیں
اور میری ہڈِّیاں اِیندھن کی طرح جل گئِیں۔
4میرا دِل گھاس کی طرح جُھلس کر سُوکھ گیا۔
کیونکہ مَیں اپنی روٹی کھانا بُھول جاتا ہُوں۔
5کراہتے کراہتے
میری ہڈِّیاں میرے گوشت سے جا لگِیں۔
6مَیں جنگلی حواصِل کی مانِند ہُوں۔
مَیں وِیرانے کا اُلّو بن گیا۔
7مَیں بے خواب اور اُس گَورے کی مانِند ہو گیا ہُوں
جو چھت پر اکیلا ہو۔
8میرے دُشمن مُجھے دِن بھر ملامت کرتے ہیں۔
میرے مُخالِف دِیوانہ ہو کر مُجھ پر لَعنت
کرتے ہیں۔
9کیونکہ مَیں نے روٹی کی طرح راکھ کھائی
اور آنسُو مِلا کر پانی پِیا۔
10یہ تیرے غضب اور قہر کے سبب سے ہے۔
کیونکہ تُو نے مُجھے اُٹھایا اور پِھر پٹک دِیا۔
11میرے دِن ڈھلنے والے سایہ کی مانِند ہیں
اور مَیں گھاس کی طرح مُرجھا گیا ہُوں۔
12لیکن تُو اَے خُداوند! ابد تک رہے گا
اور تیری یادگار پُشت در پُشت رہے گی۔
13تُو اُٹھے گا اور صِیُّون پر رحم کرے گا
کیونکہ اُس پر ترس کھانے کا وقت ہے۔ ہاں اُس
کا مُعیّن وقت آ گیا ہے۔
14اِس لِئے کہ تیرے بندے اُس کے پتھّروں
کو چاہتے
اور اُس کی خاک پر ترس کھاتے ہیں۔
15اور قَوموں کو خُداوند کے نام کا
اور زمِین کے سب بادشاہوں کو تیرے جلال کا
خَوف ہو گا۔
16کیونکہ خُداوند نے صِیُّون کو بنایا ہے۔
وہ اپنے جلال میں ظاہِر ہُؤا ہے۔
17اُس نے بیکسوں کی دُعا پر توجُّہ کی
اور اُن کی دُعا کو حقِیر نہ جانا۔
18یہ آیندہ پُشت کے لِئے لِکھا جائے گا
اور ایک قَوم پَیدا ہو گی جو خُداوند کی سِتایش
کرے گی۔
19کیونکہ اُس نے اپنے مَقدِس کی بُلندی پر سے نِگاہ کی۔
خُداوند نے آسمان پر سے زمِین پر نظر کی۔
20تاکہ اسِیر کا کراہنا سُنے
اور مَرنے والوں کو چُھڑا لے۔
21تاکہ لوگ صِیُّون میں خُداوند کے نام کا اِظہار
اور یروشلِیم میں اُس کی تعرِیف کریں۔
22جب خُداوند کی عِبادت کے لِئے
قَومیں اور مُملِکتیں مِل کر جمع ہوں۔
23اُس نے راہ میں میرا زور گھٹا دِیا۔
اُس نے میری عُمر کوتاہ کر دی۔
24مَیں نے کہا اَے میرے خُدا! مُجھے آدھی عُمر میں
نہ اُٹھا
تیرے برس پُشت در پُشت ہیں۔
25تُو نے قدِیم سے زمِین کی بُنیاد ڈالی۔
آسمان تیرے ہاتھ کی صنعت ہے۔
26وہ نیست ہو جائیں گے پر تُو باقی رہے گا۔
بلکہ وہ سب پوشاک کی مانِند پُرانے ہو
جائیں گے۔
تُو اُن کو لِباس کی مانِند بدلے گا اور وہ بدل
جائیں گے
27پر تُو لاتبدِیل ہے
اور تیرے برس لااِنتہا ہوں گے۔
28تیرے بندوں کے فرزند برقرار رہیں گے
اور اُن کی نسل تیرے حضُور قائِم رہے گی۔
خُدا کی مُحبّت
داؤُد کا مزمُور۔
1اَے میری جان! خُداوند کو مُبارک کہہ
اور جو کُچھ مُجھ میں ہے اُس کے قُدُّوس نام کو
مُبارک کہے۔
2اَے میری جان! خُداوند کو مُبارک کہہ
اور اُس کی کِسی نِعمت کو فراموش نہ کر۔
3وہ تیری ساری بدکاری کو بخشتا ہے۔
وہ تُجھے تمام بِیماریوں سے شِفا دیتا ہے۔
4وہ تیری جان ہلاکت سے بچاتا ہے۔
وہ تیرے سر پر شفقت و رحمت کا تاج رکھتا ہے۔
5وہ تُجھے عُمر بھر اچھّی اچھّی چِیزوں سے آسُودہ
کرتا ہے۔
تُو عُقاب کی مانِند ازسرِ نَوجوان ہوتا ہے۔
6خُداوند سب مظلُوموں کے لِئے
صداقت اور عدل کے کام کرتا ہے۔
7اُس نے اپنی راہیں مُوسیٰ پر
اور اپنے کام بنی اِسرائیل پر ظاہِر کِئے
8خُداوند رحِیم اور کرِیم ہے۔
قہر کرنے میں دِھیما اور شفقت میں غنی۔
9وہ سدا جِھڑکتا نہ رہے گا۔
وہ ہمیشہ غضب ناک نہ رہے گا۔
10اُس نے ہمارے گُناہوں کے مُوافِق ہم سے سلُوک
نہیں کِیا
اور ہماری بدکارِیوں کے مُطابِق ہم کو بدلہ
نہیں دِیا۔
11کیونکہ جِس قدر آسمان زمِین سے بُلند ہے
اُسی قدر اُس کی شفقت اُن پر ہے جو اُس سے
ڈرتے ہیں۔
12جَیسے پُورب پچھم سے دُور ہے
وَیسے ہی اُس نے ہماری خطائیں ہم سے دُور
کر دِیں
13جَیسے باپ اپنے بیٹوں پر ترس کھاتا ہے
وَیسے ہی خُداوند اُن پر جو اُس سے ڈرتے ہیں
ترس کھاتا ہے۔
14کیونکہ وہ ہماری سرِشت سے واقِف ہے۔
اُسے یاد ہے کہ ہم خاک ہیں۔
15اِنسان کی عُمر تو گھاس کی مانِند ہے۔
وہ جنگلی پُھول کی طرح کِھلتا ہے
16کہ ہوا اُس پر چلی اور وہ نہیں
اور اُس کی جگہ اُسے پِھر نہ دیکھے گی۔
17لیکن خُداوند کی شفقت اُس سے ڈرنے والوں پر
ازل سے ابد تک
اور اُس کی صداقت نسل در نسل ہے۔
18یعنی اُن پر جو اُس کے عہد پر قائِم رہتے ہیں
اور اُس کے قوانِین پر عمل کرنا یاد رکھتے ہیں۔
19خُداوند نے اپنا تخت آسمان پر قائِم کِیا ہے
اور اُس کی سلطنت سب پر مُسلِّط ہے۔
20اَے خُداوند کے فرِشتو! اُس کو مُبارک کہو۔
تُم جو زور میں بڑھ کر ہو اور اُس کے کلام کی آواز
سُن کر اُس پر عمل کرتے ہو۔
21اَے خُداوند کے لشکرو! سب اُس کو مُبارک کہو۔
تُم جو اُس کے خادِم ہو اور اُس کی مرضی بجا
لاتے ہو۔
22اَے خُداوند کی مخلُوقات! سب اُس کو مُبارک کہو۔
تُم جو اُس کے تسلُّط کے سب مقاموں میں ہو۔
اَے میری جان! تُو خُداوند کو مُبارک کہہ۔
خالِق کی حمد و ثنا
1اَے میری جان! تُو خُداوند کو مُبارک کہہ۔
اَے خُداوند میرے خُدا! تُو نِہایت بزُرگ ہے۔
تُو حشمت اور جلال سے مُلبّس ہے۔
2تُو نُور کو پوشاک کی طرح پہنتا ہے
اور آسمان کو سائبان کی طرح تانتا ہے۔
3تُو اپنے بالا خانوں کے شہتیِر پانی پر ٹِکاتا ہے۔
تُو بادلوں کو اپنا رتھ بناتا ہے۔
تُو ہوا کے بازُوؤں پر سَیر کرتا ہے۔
4تُو اپنے فرِشتوں کو ہوائیں
اور اپنے خادِموں کو آگ کے شُعلے بناتا ہے۔
5تُو نے زمِین کو اُس کی بُنیاد پر قائِم کِیا
تاکہ وہ کبھی جُنبِش نہ کھائے۔
6تُو نے اُس کو سمُندر سے چِھپایا جَیسے لِباس سے۔
پانی پہاڑوں سے بھی بُلند تھا۔
7وہ تیری جِھڑکی سے بھاگا۔
وہ تیری گرج کی آواز سے جلدی جلدی چلا۔
8اُس جگہ پُہنچ گیا جو تُو نے اُس کے لِئے تیّار کی تھی۔
پہاڑ اُبھر آئے۔ وادِیاں بَیٹھ گئیں۔
9تُو نے حد باندھ دی تاکہ وہ آگے نہ بڑھ سکے
اور پِھر لَوٹ کر زمِین کو نہ چِھپائے۔
10وہ وادیوں میں چشمے جاری کرتا ہے
جو پہاڑوں میں بہتے ہیں۔
11سب جنگلی جانور اُن سے پِیتے ہیں۔
گورخر اپنی پیاس بُجھاتے ہیں۔
12اُن کے آس پاس ہوا کے پرِندے بسیرا کرتے
اور ڈالِیوں میں چہچہاتے ہیں۔
13وہ اپنے بالا خانوں سے پہاڑوں کو سیراب کرتا ہے۔
تیری صنعتوں کے پَھل سے زمِین آسُودہ ہے۔
14وہ چَوپایوں کے لِئے گھاس اُگاتا ہے
اور اِنسان کے کام کے لِئے سبزہ
تاکہ زمِین سے خُوراک پَیدا کرے۔
15اور مَے جو اِنسان کے دِل کو خُوش کرتی ہے
اور رَوغن جو اُس کے چِہرہ کو چمکاتا ہے
اور روٹی جو آدمی کے دِل کو توانائی بخشتی ہے۔
16خُداوند کے درخت شاداب رہتے ہیں
یعنی لُبنان کے دیودار جو اُس نے لگائے۔
17جہاں پرِندے اپنے گھونسلے بناتے ہیں۔
صنوبر کے درختوں میں لقلق کا بسیرا ہے۔
18اُونچے پہاڑ جنگلی بکروں کے لِئے ہیں۔
چٹانیں سافانوں کی پناہ کی جگہ ہیں۔
19اُس نے چاند کو زمانوں کے اِمتیاز کے لِئے مُقرّر کِیا۔
آفتاب اپنے غرُوب کی جگہ جانتا ہے۔
20تُو اندھیرا کر دیتا ہے تو رات ہو جاتی ہے
جِس میں سب جنگلی جانور نِکل آتے ہیں۔
21جوان شیر اپنے شِکار کی تلاش میں گرجتے ہیں
اور خُدا سے اپنی خُوراک مانگتے ہیں۔
22آفتاب نِکلتے ہی وہ چل دیتے ہیں
اور جا کر اپنی ماندوں میں پڑ رہتے ہیں۔
23اِنسان اپنے کام کے لِئے
اور شام تک اپنی مِحنت کرنے کے لِئے نِکلتا ہے۔
24اَے خُداوند! تیری صنعتیں کَیسی بے شُمار ہیں!
تُو نے یہ سب کُچھ حِکمت سے بنایا۔
زمِین تیری مخلُوقات سے معمُور ہے۔
25دیکھو یہ بڑا اور چَوڑا سمُندر
جِس میں بے شُمار رینگنے والے جاندار ہیں۔
یعنی چھوٹے اور بڑے جانور۔
26جہاز اِسی میں چلتے ہیں۔
اِسی میں لویاتان ہے جِسے تُو نے اِس میں کھیلنے کو
پَیدا کِیا۔
27اِن سب کو تیرا ہی آسرا ہے
تاکہ تُو اُن کو وقت پر خُوراک دے۔
28جو کُچھ تُو دیتا ہے یہ لے لیتے ہیں۔
تُو اپنی مُٹھّی کھولتا ہے اور یہ اچھّی چِیزوں سے سیر
ہوتے ہیں۔
29تُو اپنا چہرہ چِھپا لیتا ہے اور یہ پریشان ہو جاتے ہیں۔
تُو اِن کا دَم روک لیتا ہے اور یہ مَر جاتے ہیں
اور پِھر مِٹّی میں مِل جاتے ہیں۔
30تُو اپنی رُوح بھیجتا ہے اور یہ پَیدا ہوتے ہیں
اور تُو رُویِ زمِین کو نیا بنا دیتا ہے۔
31خُداوند کا جلال ابد تک رہے۔
خُداوند اپنی صنعتوں سے خُوش ہو۔
32وہ زمِین پر نِگاہ کرتا ہے اور وہ کانپ جاتی ہے۔
وہ پہاڑوں کو چُھوتا ہے اور اُن سے دُھواں نِکلنے
لگتا ہے۔
33مَیں عُمر بھر خُداوند کی تعرِیف گاؤُں گا۔
جب تک میرا وجُود ہے مَیں اپنے خُدا کی مدح
سرائی کرُوں گا۔
34میرا دِھیان اُسے پسند آئے۔
مَیں خُداوند میں شادمان رہُوں گا۔
35گُنہگار زمِین پر سے فنا ہو جائیں
اور شرِیر باقی نہ رہیں!
اَے میری جان! خُداوند کو مُبارک کہہ۔
خُداوند کی حمد کرو۔
خُدا اور اُس کے لوگ
1خُداوند کا شُکر کرو۔ اُس کے نام سے دُعا کرو۔
قَوموں میں اُس کے کاموں کا بیان کرو۔
2اُس کی تعرِیف میں گاؤ۔ اُس کی مدح سرائی کرو۔
اُس کے تمام عجائِب کا چرچا کرو۔
3اُس کے مُقدّس نام پر فخر کرو۔
خُداوند کے طالِبوں کے دِل شادمان ہوں۔
4خُداوند اور اُس کی قُوّت کے طالِب ہو۔
ہمیشہ اُس کے دِیدار کے طالِب رہو۔
5اُن عجِیب کاموں کو جو اُس نے کِئے۔
اُس کے عجائِب اور مُنہ کے احکام کو یاد رکھّو۔
6اَے اُس کے بندے ابرہامؔ کی نسل!
اَے بنی یعقُوب اُس کے برگُزِیدو!
7وُہی خُداوند ہمارا خُدا ہے۔
اُس کے احکام تمام زمِین پر ہیں۔
8اُس نے اپنے عہد کو ہمیشہ یاد رکھّا۔
یعنی اُس کلام کو جو اُس نے ہزار پُشتوں کے
لِئے فرمایا۔
9اُسی عہد کو جو اُس نے ابرہامؔ سے باندھا
اور اُس قَسم کو جو اُس نے اِضحاق سے کھائی
10اور اُسی کو اُس نے یعقُوب کے لِئے آئِین
یعنی اِسرائیل کے لِئے ابدی عہد ٹھہرایا
11اور کہا کہ مَیں کنعانؔ کا مُلک تُجھے دُوں گا
کہ تُمہارا مورُوثی حِصّہ ہو۔
12اُس وقت وہ شُمار میں تھوڑے تھے
بلکہ بُہت تھوڑے اور اُس مُلک میں مُسافِر تھے
13اور وہ ایک قَوم سے دُوسری قَوم میں
اور ایک سلطنت سے دُوسری سلطنت میں
پِھرتے رہے۔
14اُس نے کِسی آدمی کو اُن پر ظُلم نہ کرنے دِیا
بلکہ اُن کی خاطر اُس نے بادشاہوں کو دھمکایا
15اور کہا کہ میرے ممسُوحوں کو ہاتھ نہ لگاؤ
اور میرے نبِیوں کو کوئی نُقصان نہ پُہنچاؤ۔
16پِھر اُس نے فرمایا کہ اُس مُلک پر قحط نازِل ہو
اور اُس نے روٹی کا سہارا بِالکُل توڑ دِیا۔
17اُس نے اُن سے پہلے ایک آدمی کو بھیجا۔
یُوسفؔ غُلامی میں بیچا گیا۔
18اُنہوں نے اُس کے پاؤں کو بیڑِیوں سے دُکھ دِیا۔
وہ لوہے کی زنجِیروں میں جکڑا رہا۔
19جب تک کہ اُس کا سُخن پُورا نہ ہُؤا۔
خُداوند کا کلام اُسے آزماتا رہا۔
20بادشاہ نے حُکم بھیج کر اُسے چُھڑایا۔
ہاں قَوموں کے فرمانروا نے اُسے آزاد کِیا۔
21اُس نے اُس کو اپنے گھر کا مُختار
اور اپنی ساری مِلکیت پر حاکِم بنایا
22تاکہ اُس کے اُمرا کو جب چاہے قَید کرے
اور اُس کے بزُرگوں کو دانِش سِکھائے۔
23اِسرائیل بھی مِصرؔ میں آیا
اور یعقُوب حام کی سرزمِین میں مُسافِر رہا
24اور خُدا نے اپنے لوگوں کو خُوب بڑھایا
اور اُن کو اُن کے مُخالِفوں سے زِیادہ قوّی کِیا۔
25اُس نے اُن کے دِل کو برگشتہ کِیا تاکہ اُس کی
قَوم سے عداوت رکھّیں
اور اُس کے بندوں سے دغابازی کریں۔
26اُس نے اپنے بندہ مُوسیٰ کو
اور اپنے برگُزِیدہ ہارُون کو بھیجا۔
27اُس نے اُن کے درمیان مُعجِزات
اور حام کی سرزمِین میں عجائِب دِکھائے۔
28اُس نے تارِیکی بھیج کر اندھیرا کر دِیا
اور اُنہوں نے اُس کی باتوں سے سرکشی نہ کی۔
29اُس نے اُن کی ندِیوں کو لہُو بنا دِیا
اور اُن کی مچھلیاں مار ڈالِیں۔
30اُن کے مُلک اور بادشاہوں کے بالا خانوں میں
مینڈک ہی مینڈک بھر گئے۔
31اُس نے حُکم دِیا اور مچھّروں کے غول آئے
اور اُن کی سب حدُود میں جُوئیں آ گئِیں۔
32اُس نے اُن پر مینہ کی جگہ اَولے برسائے
اور اُن کے مُلک پر دہکتی آگ نازِل کی۔
33اُس نے اُن کے انگُور اور انجِیر کے درختوں کو بھی
برباد کر ڈالا
اور اُن کی حدُود کے پیڑ توڑ ڈالے۔
34اُس نے حُکم دِیا تو بے شُمار ٹِڈّیاں
اور کیڑے آ گئے
35اور اُن کے مُلک کی تمام نباتات چٹ کر گئے
اور اُن کی زمِین کی پَیداوار کھا گئے۔
36اُس نے اُن کے مُلک کے سب پہلوٹھوں کو بھی
مار ڈالا
جو اُن کی پُوری قُوّت کے پہلے پَھل تھے۔
37اور اِسرائیل کو چاندی اور سونے کے ساتھ
نِکال لایا
اور اُس کے قبِیلوں میں ایک بھی کمزور آدمی
نہ تھا۔
38اُن کے چلے جانے سے مِصرؔ خُوش ہو گیا
کیونکہ اُن کا خَوف مِصریوں پر چھا گیا تھا۔
39اُس نے بادل کو سائبان ہونے کے لِئے پَھیلا دِیا
اور رات کو رَوشنی کے لِئے آگ دی۔
40اُن کے مانگنے پر اُس نے بٹیریں بھیجِیں
اور اُن کو آسمانی روٹی سے سیر کِیا۔
41اُس نے چٹان کو چِیرا اور پانی پُھوٹ نِکلا
اور خُشک زمِین پر ندی کی طرح بہنے لگا۔
42کیونکہ اُس نے اپنے پاک قَول کو
اور اپنے بندہ ابرہامؔ کو یاد کِیا
43اور وہ اپنی قَوم کو شادمانی کے ساتھ
اور اپنے برگُزِیدوں کو گِیت گاتے ہُوئے
نِکال لایا۔
44اور اُس نے اُن کو قَوموں کے مُلک دِئیے
اور اُنہوں نے اُمّتوں کی مِحنت کے پَھل پر
قبضہ کِیا
45تاکہ وہ اُس کے آئین پر چلیں
اور اُس کی شرِیعت کو مانیں۔
خُداوند کی حمد کرو۔
اپنے لوگوں پر خُدا کی شفقت
1خُداوند کی حمد کرو۔
خُداوند کا شُکر کرو کیونکہ وہ بھلا ہے
اور اُس کی شفقت ابدی ہے۔
2کون خُداوند کی قُدرت کے کاموں کو بیان کر سکتا ہے
یا اُس کی پُوری سِتایش سُنا سکتا ہے؟
3مُبارک ہیں وہ جو عدل کرتے ہیں
اور وہ جو ہر وقت صداقت کے کام کرتا ہے۔
4اَے خُداوند! اُس کرم سے جو تُو اپنے لوگوں پر
کرتا ہے مُجھے یاد کر۔
اپنی نجات مُجھے عِنایت فرما۔
5تاکہ مَیں تیرے برگُزِیدوں کی اِقبال مندی دیکھُوں
اور تیری قَوم کی شادمانی میں شاد رہُوں
اور تیری مِیراث کے لوگوں کے ساتھ فخر کرُوں۔
6ہم نے اور ہمارے باپ دادا نے گُناہ کِیا۔
ہم نے بدکاری کی۔ ہم نے شرارت کے
کام کِئے۔
7ہمارے باپ دادا مِصرؔ میں تیرے عجائِب نہ سمجھے۔
اُنہوں نے تیری شفقت کی کثرت کو یاد نہ کِیا۔
بلکہ سمُندر پر یعنی بحرِ قُلزؔم پر باغی ہُوئے۔
8تَو بھی اُس نے اُن کو اپنے نام کی خاطِر بچایا
تاکہ اپنی قُدرت ظاہِر کرے۔
9اُس نے بحرِ قُلزم کو ڈانٹا اور وہ سُوکھ گیا۔
وہ اُن کو گہراؤ میں سے اَیسے نِکال لے گیا جَیسے
بیابان میں سے
10اور اُس نے اُن کو عداوت رکھنے والے کے ہاتھ
سے بچایا
اور دُشمن کے ہاتھ سے چُھڑایا۔
11سمُندر نے اُن کے مُخالِفوں کو چِھپا لِیا۔
اُن میں سے ایک بھی نہ بچا۔
12تب اُنہوں نے اُس کے قَول کا یقِین کِیا
اور اُس کی مدح سرائی کرنے لگے۔
13پِھر وہ جلد اُس کے کاموں کو بُھول گئے
اور اُس کی مشوَرت کا اِنتظار نہ کِیا
14بلکہ بیابان میں بڑی حِرص کی۔
اور صحرا میں خُدا کو آزمایا۔
15سو اُس نے اُن کی مُراد تو پُوری کر دی
پر اُن کی جان کو سُکھا دِیا۔
16اُنہوں نے خَیمہ گاہ میں مُوسیٰ پر
اور خُداوند کے مُقدّس مَرد ہارُون پر حسد کِیا۔
17سو زمِین پھٹی اور داتن کو نِگل گئی
اور اَبِیرامؔ کی جماعت کو کھا گئی
18اور اُن کے جتھے میں آگ بھڑک اُٹھی
اور شُعلوں نے شرِیروں کو بھسم کر دِیا۔
19اُنہوں نے حورِب میں ایک بچُھڑا بنایا
اور ڈھالی ہُوئی مُورت کو سِجدہ کِیا۔
20یُوں اُنہوں نے خُدا کے جلال کو
گھاس کھانے والے بَیل کی شکل سے بدل دِیا۔
21وہ اپنے مُنّجی خُدا کو بُھول گئے
جِس نے مِصرؔ میں بڑے بڑے کام کِئے
22اور حام کی سرزمِین میں عجائِب
اور بحرِ قُلزؔم پر دہشت انگیز کام کِئے۔
23اِس لِئے اُس نے فرمایا مَیں اُن کو ہلاک کر ڈالتا
اگر میرا برگُزِیدہ مُوسیٰ میرے حضُور بِیچ میں نہ آتا
کہ میرے قہر کو ٹال دے تا نہ ہو کہ مَیں اُن کو
ہلاک کرُوں۔
24اور اُنہوں نے اُس سہانے مُلک کو حقِیر جانا
اور اُس کے قَول کا یقِین نہ کِیا۔
25بلکہ وہ اپنے ڈیروں میں بُڑبُڑائے
اور خُداوند کی بات نہ مانی۔
26تب اُس نے اُن کے خِلاف قَسم کھائی
کہ مَیں اُن کو بیابان میں پست کرُوں گا۔
27اور اُن کی نسل کو قَوموں کے درمیان گِرا دُوں گا
اور اُن کو مُلک مُلک میں تِتربِتر کرُوں گا۔
28وہ بعل فغُور کو پُوجنے لگے
اور بُتوں کی قُربانِیاں کھانے لگے۔
29یُوں اُنہوں نے اپنے اعمال سے اُس کو خشم ناک کِیا
اور وبا اُن میں پُھوٹ نِکلی۔
30تب فِینحاس اُٹھا اور بِیچ میں آیا
اور وبا رُک گئی۔
31اور یہ کام اُس کے حق میں پُشت در پُشت
ہمیشہ کے لِئے راست بازی گِنا گیا۔
32اُنہوں نے اُس کو مرِیبہ کے چشمہ پر بھی
خشم ناک کِیا
اور اُن کی خاطِر مُوسیٰ کو نُقصان پُہنچا۔
33اِس لِئے کہ اُنہوں نے اُس کی رُوح سے
سرکشی کی
اور مُوسیٰ بے سوچے بول اُٹھا۔
34اُنہوں نے اُن قَوموں کو ہلاک نہ کِیا
جَیسا خُداوند نے اُن کو حُکم دِیا تھا
35بلکہ اُن قَوموں کے ساتھ مِل گئے
اور اُن کے سے کام سِیکھ گئے
36اور اُن کے بُتوں کی پرستِش کرنے لگے
جو اُن کے لِئے پھندا بن گئے۔
37بلکہ اُنہوں نے اپنے بیٹے بیٹیوں کو شیاطِین کے
لِئے قُربان کِیا
38اور معصُوموں کا یعنی اپنے بیٹے بیٹیوں کا خُون بہایا
جِن کو اُنہوں نے کنعانؔ کے بُتوں کے لِئے
قُربان کر دِیا
اور مُلک خُون سے ناپاک ہو گیا۔
39یُوں وہ اپنے ہی کاموں سے آلُودہ ہو گئے
اور اپنے فِعلوں سے بے وفا بنے۔
40اِس لِئے خُداوند کا قہر اپنے لوگوں پر بھڑکا
اور اُسے اپنی مِیراث سے نفرت ہو گئی
41اور اُس نے اُن کو قَوموں کے قبضہ میں کر دِیا
اور اُن سے عداوت رکھنے والے اُن پر
حُکمران ہو گئے۔
42اُن کے دُشمنوں نے اُن پر ظُلم کِیا
اور وہ اُن کے محکُوم ہو گئے۔
43اُس نے تو بارہا اُن کو چُھڑایا
لیکن اُن کا مشوَرہ باغیانہ ہی رہا
اور وہ اپنی بدکاری کے باعِث پست ہو گئے۔
44تَو بھی جب اُس نے اُن کی فریاد سُنی
تو اُن کے دُکھ پر نظر کی۔
45اور اُس نے اُن کے حق میں اپنے عہد کو یاد کِیا
اور اپنی شفقت کی کثرت کے مُطابِق ترس کھایا۔
46اُس نے اُن کو اسِیر کرنے والوں کے دِل میں
اُن کے لِئے رحم ڈالا۔
47اَے خُداوند! ہمارے خُدا! ہم کو بچا لے
اور ہم کو قَوموں میں سے اِکٹّھا کر لے
تاکہ ہم تیرے قُدوُّس نام کا شُکر کریں
اور للکارتے ہُوئے تیری سِتایش کریں۔
48خُداوند اِسرائیل کا خُدا
ازل سے ابد تک مُبارک ہو!
اور ساری قَوم کہے آمِین۔
خُداوند کی حمد کرو۔
پانچوِیں کِتاب
(زبُور ۱۰۷‏—۱۵۰)
خُدا کی شفقت کے لِئے حمد و سِتایش
1خُداوند کا شُکر کرو کیونکہ وہ بھلا ہے
اور اُس کی شفقت ابدی ہے۔
2خُداوند کے چُھڑائے ہُوئے یہی کہیں۔
جِن کو اُس نے فِدیہ دے کر مُخالِف کے ہاتھ
سے چُھڑا لِیا
3اور اُن کو مُلک مُلک سے جمع کِیا۔
پُورب سے اور پچھم سے۔
اُتّر سے اور دکھِّن سے۔
4وہ بیابان میں صحرا کے راستہ پر بھٹکتے پِھرے۔
اُن کو بسنے کے لِئے کوئی شہر نہ مِلا۔
5وہ بُھوکے اور پیاسے تھے
اور اُن کا دِل بَیٹھا جاتا تھا۔
6تب اپنی مُصِیبت میں اُنہوں نے خُداوند سے فریاد کی
اور اُس نے اُن کو اُن کے دُکھوں سے رہائی بخشی۔
7وہ اُن کو سیدھی راہ سے لے گیا
تاکہ بسنے کے لِئے کِسی شہر میں جا پُہنچیں۔
8کاش کہ لوگ خُداوند کی شفقت کی خاطِر
اور بنی آدمؔ کے لِئے اُس کے عجائِب کی خاطِر
اُس کی سِتایش کرتے!
9کیونکہ وہ ترستی جان کو سیر کرتا ہے
اور بُھوکی جان کو نِعمتوں سے مالا مال کرتا ہے۔
10جو اندھیرے اور مَوت کے سایہ میں بَیٹھے
مُصِیبت اور لوہے سے جکڑے ہُوئے تھے۔
11چُونکہ اُنہوں نے خُدا کے کلام سے سرکشی کی
اور حق تعالیٰ کی مشوَرت کو حقِیر جانا
12اِس لِئے اُس نے اُن کا دِل مشقّت سے عاجِز کر دِیا۔
وہ گِر پڑے اور کوئی مددگار نہ تھا۔
13تب اپنی مُصِیبت میں اُنہوں نے خُداوند سے
فریاد کی
اور اُس نے اُن کو اُن کے دُکھوں سے
رہائی بخشی۔
14وہ اُن کو اندھیرے اور مَوت کے سایہ سے نِکال لایا
اور اُن کے بندھن توڑ ڈالے۔
15کاش کہ لوگ خُداوند کی شفقت کی خاطِر
اور بنی آدمؔ کے لِئے اُس کے عجائِب کی خاطِر
اُس کی سِتایش کرتے!
16کیونکہ اُس نے پِیتل کے پھاٹک توڑ دِئیے
اور لوہے کے بینڈوں کو کاٹ ڈالا۔
17احمق اپنی خطاؤں کے سبب سے
اور اپنی بدکاری کے باعِث مُصِیبت میں
پڑتے ہیں۔
18اُن کے جی کو ہر طرح کے کھانے سے نفرت ہو
جاتی ہے
اور وہ مَوت کے پھاٹکوں کے نزدِیک پُہنچ
جاتے ہیں۔
19تب وہ اپنی مُصِیبت میں خُداوند سے فریاد کرتے ہیں
اور وہ اُن کو اُن کے دُکھوں سے رہائی بخشتا ہے۔
20وہ اپنا کلام نازِل فرما کر اُن کو شِفا دیتا ہے
اور اُن کو اُن کی ہلاکت سے رہائی بخشتا ہے۔
21کاش کہ لوگ خُداوند کی شفقت کی خاطِر
اور بنی آدمؔ کے لِئے اُس کے عجائِب کی خاطِر
اُس کی سِتایش کرتے!
22وہ شُکرگُذاری کی قُربانِیاں گُذرانیں
اور گاتے ہُوئے اُس کے کاموں کا بیان کریں۔
23جو لوگ جہازوں میں بحر پر جاتے ہیں
اور سمُندر پر کاروبار میں لگے رہتے ہیں
24وہ سمُندر میں خُداوند کے کاموں کو
اور اُس کے عجائِب کو دیکھتے ہیں
25کیونکہ وہ حُکم دے کر طُوفانی ہوا چلاتا ہے
جو اُس میں لہریں اُٹھاتی ہے۔
26وہ آسمان تک چڑھتے اور گہراؤ میں اُترتے ہیں۔
پریشانی سے اُن کا دِل پانی پانی ہو جاتا ہے۔
27وہ جُھومتے اور متوالے کی طرح لڑکھڑاتے
اور حواس باختہ ہو جاتے ہیں۔
28تب وہ اپنی مُصِیبت میں خُداوند سے فریاد کرتے ہیں
اور وہ اُن کو اُن کے دُکھوں سے رہائی بخشتا ہے۔
29وہ آندھی کو تھما دیتا ہے
اور لہریں مَوقُوف ہو جاتی ہیں۔
30تب وہ اُس کے تھم جانے سے خُوش ہوتے ہیں۔
یُوں وہ اُن کو بندرگاہِ مقصُود تک پُہنچا دیتا ہے۔
31کاش کہ لوگ خُداوند کی شفقت کی خاطِر
اور بنی آدمؔ کے لِئے اُس کے عجائِب کی خاطِر
اُس کی سِتایش کرتے!
32وہ لوگوں کے مجمع میں اُس کی بڑائی کریں
اور بزُرگوں کی مجلِس میں اُس کی حمد۔
33وہ دریاؤں کو بیابان بنا دیتا ہے
اور پانی کے چشموں کو خُشک زمِین۔
34وہ زرخیز زمِین کو صحرایِ شور کر دیتا ہے۔
اِس لِئے کہ اُس کے باشِندے شرِیر ہیں۔
35وہ بیابان کو جِھیل بنا دیتا ہے
اور خُشک زمِین کو پانی کے چشمے۔
36وہاں وہ بُھوکوں کو بساتا ہے
تاکہ بسنے کے لِئے شہر تیّار کریں
37اور کھیت بوئیں اور تاکِستان لگائیں
اور پَیداوار حاصِل کریں۔
38وہ اُن کو برکت دیتا ہے اور وہ بُہت بڑھتے ہیں
اور وہ اُن کے چَوپایوں کو کم نہیں ہونے دیتا۔
39پِھر ظُلم و تکلِیف اور غم کے مارے
وہ گھٹ جاتے اور پست ہو جاتے ہیں۔
40وہ اُمرا پر ذِلّت اُنڈیل دیتا ہے
اور اُن کو بے راہ وِیرانہ میں بھٹکاتا ہے۔
41تَو بھی وہ مُحتاج کو مُصِیبت سے نِکال کر سرفراز
کرتا ہے
اور اُس کے خاندان کو ریوڑ کی طرح بڑھاتا ہے۔
42راست باز یہ دیکھ کر خُوش ہوں گے
اور سب بدکاروں کا مُنہ بند ہو جائے گا۔
43دانا اِن باتوں پر توجُّہ کرے گا
اور وہ خُداوند کی شفقت پر غَور کریں گے۔
دُشمنوں کے خِلاف کُمک کی درخواست
گِیت۔ داؤُد کا مزمُور۔
1اَے خُدا! میرا دِل قائِم ہے۔
مَیں گاؤُں گا اور دِل سے مدح سرائی کرُوں گا۔
2اَے بربط اور سِتار جاگو!
مَیں خُود بھی صُبح سویرے جاگ اُٹھوں گا۔
3اَے خُداوند! مَیں لوگوں میں تیرا شُکر کرُوں گا۔
مَیں اُمّتوں میں تیری مدح سرائی کرُوں گا۔
4کیونکہ تیری شفقت آسمان سے بُلند ہے
اور تیری سچّائی افلاک کے برابر ہے۔
5اَے خُدا! تُو آسمانوں پر سرفراز ہو
اور تیرا جلال ساری زمِین پر ہو۔
6اپنے دہنے ہاتھ سے بچا اور ہمیں جواب دے
تاکہ تیرے محبُوب بچائے جائیں۔
7خُدا نے اپنی قدُّوسیتؔ میں یہ فرمایا ہے مَیں خُوشی
کرُوں گا۔
مَیں سِکم کو تقسِیم کرُوں گا اور سُکّات کی وادی کو
بانٹُوں گا۔
8جلعاد میرا ہے۔ منسّی میرا ہے۔
اِفرائِیم میرے سر کا خود ہے
یہُوداؔہ میرا عصا ہے۔
9موآؔب میری چلپچی ہے۔
ادُوم پر مَیں جُوتا پھینکُوں گا۔
مَیں فلِستِین پر للکارُوں گا۔
10مُجھے اُس فصِیل دار شہر میں کَون پُہنچائے گا؟
کَون مُجھے ادوؔم تک لے گیا ہے؟
11اَے خُدا! کیا تُو نے ہمیں ردّ نہیں کر دِیا؟
اَے خُدا! تُو ہمارے لشکروں کے ساتھ نہیں جاتا
12مُخالِف کے مُقابلہ میں ہماری کُمک کر
کیونکہ اِنسانی مدد عبث ہے۔
13خُدا کی بدَولت ہم دِلاوری کریں گے
کیونکہ وُہی ہمارے مُخالِفوں کو پامال کرے گا۔
مُصِیبت زدہ آدمی کی شِکایت
مِیر مُغنّی کے لِئے داؤُد کا مزمُور۔
1اَے خُدا! میرے محمُود! خاموش نہ رہ
2کیونکہ شرِیروں اور دغابازوں نے میرے خِلاف
مُنہ کھولا ہے۔
اُنہوں نے جُھوٹی زُبان سے مُجھ سے باتیں
کی ہیں۔
3اُنہوں نے عداوت کی باتوں سے مُجھے گھیر لِیا
اور بے سبب مُجھ سے لڑے ہیں۔
4وہ میری مُحبّت کے سبب سے میرے مُخالِف ہیں
لیکن مَیں تو بس دُعا کرتا ہُوں۔
5اُنہوں نے نیکی کے بدلے مُجھ سے بدی کی ہے
اور میری مُحبّت کے بدلے عداوت۔
6تُو کِسی شرِیر آدمی کو اُس پر مقرّر کر دے
اور کوئی مُخالِف اُس کے دہنے ہاتھ کھڑا رہے۔
7جب اُس کی عدالت ہو تو وہ مُجرم ٹھہرے
اور اُس کی دُعا بھی گُناہ گِنی جائے۔
8اُس کی عُمر کوتاہ ہو جائے
اور اُس کا مَنصب کوئی دُوسرا لے لے۔
9اُس کے بچّے یتِیم ہو جائیں
اور اُس کی بِیوی بیوہ ہو جائے۔
10اُس کے بچّے آوارہ ہو کر بِھیک مانگیں
اُن کو اپنے وِیران مقاموں سے دُور جا کر ٹُکڑے
مانگناپڑے۔
11قرض خواہ اُس کا سب کُچھ چِھین لے
اور پردیسی اُس کی کمائی لُوٹ لیں۔
12کوئی نہ ہو جو اُس پر شفقت کرے۔
نہ کوئی اُس کے یتِیم بچّوں پر ترس کھائے۔
13اُس کی نسل کٹ جائے
اور دُوسری پُشت میں اُن کا نام مِٹا دِیا جائے۔
14اُس کے باپ دادا کی بدی خُداوند کے حضُور
یاد رہے
اور اُس کی ماں کا گُناہ مِٹایا نہ جائے۔
15وہ برابر خُداوند کے سامنے رہیں
تاکہ وہ زمِین پر سے اُن کا ذِکر مِٹا دے۔
16اِس لِئے کہ اُس نے رحم کرنا یاد نہ رکھّا
پر غرِیب اور مُحتاج اور شکستہ دِل کو ستایا
تاکہ اُن کو مار ڈالے
17بلکہ لَعنت کرنا اُسے پسند تھا۔ سو وُہی اُس پر آ پڑی
اور دُعا دینا اُسے مرغُوب نہ تھا سو وہ اُس سے دُور رہی۔
18اُس نے لَعنت کو اپنی پوشاک کی طرح پہنا
اور وہ پانی کی طرح اُس کے باطِن میں
اور تیل کی طرح اُس کی ہڈِّیوں میں سما گئی۔
19وہ اُس کے لِئے اُس پوشاک کی مانِند ہو جِسے وہ
پہنتا ہے
اور اُس پٹکے کی جگہ جِس سے وہ اپنی کمر کسے
رہتا ہے۔
20خُداوند کی طرف سے میرے مُخالِفوں کا
اور میری جان کو بُرا کہنے والوں کا یِہی بدلہ ہے۔
21لیکن اَے مالک خُداوند! اپنے نام کی خاطِر مُجھ پر
اِحسان کر۔
مُجھے چُھڑا کیونکہ تیری شفقت خُوب ہے۔
22اِس لِئے کہ مَیں غریب اور مُحتاج ہُوں
اور میرا دِل میرے پہلُو میں زخمی ہے۔
23مَیں ڈھلتے سایہ کی طرح جاتا رہا۔
مَیں ٹِڈّی کی طرح اُڑا دِیا گیا۔
24فاقہ کرتے کرتے میرے گُھٹنے کمزور ہو گئے
اور چِکنائی کی کمی سے میرا جِسم سُوکھ گیا۔
25مَیں اُن کی ملامت کا نِشانہ بن گیا ہُوں۔
جب وہ مُجھے دیکھتے ہیں تو سر ہلاتے ہیں۔
26اَے خُداوند میرے خُدا! میری مدد کر۔
اپنی شفقت کے مُطابِق مُجھے بچا لے۔
27تاکہ وہ جان لیں کہ اِس میں تیرا ہاتھ ہے
اور تُو ہی نے اَے خُداوند! یہ کِیا ہے۔
28وہ لَعنت کرتے رہیں پر تُو برکت دے۔
وہ جب اُٹھیں گے تو شرمِندہ ہوں گے پر تیرا بندہ
شادمان ہو گا۔
29میرے مُخالِف ذِلّت سے مُلبّس ہو جائیں
اور اپنی ہی شرمِندگی کو چادر کی طرح اوڑھ لیں۔
30مَیں اپنے مُنہ سے خُداوند کا بڑا شُکر کرُوں گا۔
بلکہ بڑی بِھیڑ میں اُس کی حمد کرُوں گا۔
31کیونکہ وہ مُحتاج کے دہنے ہاتھ کھڑا ہو گا
تاکہ اُس کی جان پر فتویٰ دینے والوں سے اُسے
رہائی دے۔
خُداوند اور اُس کا برگُزیدہ بادشاہ
داؤُد کا مزمُور۔
1یہوواہ نے میرے خُداوند سے کہا تُو میرے دہنے
ہاتھ بَیٹھ
جب تک کہ مَیں تیرے دُشمنوں کو تیرے پاؤں
کی چَوکی نہ کر دُوں۔
2خُداوند تیرے زور کا عصا صِیُّون سے بھیجے گا۔
تُو اپنے دُشمنوں میں حُکمرانی کر۔
3لشکر کشی کے دِن تیرے لوگ خُوشی سے اپنے آپ
کو پیش کرتے ہیں۔
تیرے جوان پاک آرایش میں ہیں
اور صُبح کے بطن سے شبنم کی مانِند۔
4خُداوند نے قَسم کھائی ہے اور پِھرے گا نہیں
کہ تُو مَلکِ صِدؔق کے طَور پر
ابد تک کاہِن ہے۔
5خُداوند تیرے دہنے ہاتھ پر
اپنے قہر کے دِن بادشاہوں کو چھید ڈالے گا۔
6وہ قَوموں میں عدالت کرے گا۔
وہ لاشوں کے ڈھیر لگا دے گا
اور بُہت سے مُلکوں میں سروں کو کُچلے گا۔
7وہ راہ میں ندی کا پانی پِئے گا۔
اِس لِئے وہ سر کو بُلند کرے گا۔
خُداوند کی حمد
1خُداوند کی حمد کرو۔
مَیں راست بازوں کی مجلِس میں اور جماعت میں
اپنے سارے دِل سے خُداوند کا شُکر کرُوں گا۔
2خُداوند کے کام عظِیم ہیں۔
جو اُن میں مسرُور ہیں اُن کی تفتِیش میں
رہتے ہیں۔
3اُس کے کام جلالی اور پُر حشمت ہیں
اور اُس کی صداقت ابد تک قائِم ہے۔
4اُس نے اپنے عجائِب کی یادگار قائِم کی ہے۔
خُداوند رحِیم و کرِیم ہے۔
5وہ اُن کو جو اُس سے ڈرتے ہیں خُوراک دیتا ہے۔
وہ اپنے عہد کو ہمیشہ یاد رکھّے گا۔
6اُس نے قَوموں کی مِیراث اپنے لوگوں کو دے کر
اپنے کاموں کا زور اُن کو دِکھایا۔
7اُس کے ہاتھوں کے کام برحق اور پُر عدل ہیں۔
اُس کے تمام قوانِین راست ہیں۔
8وہ ابدُالآباد قائِم رہیں گے۔
وہ سچّائی اور راستی سے بنائے گئے ہیں۔
9اُس نے اپنے لوگوں کے لِئے فِدیہ دِیا۔
اُس نے اپنا عہد ہمیشہ کے لِئے ٹھہرایا ہے۔
اُس کا نام قُدُّوس اور مُہِیب ہے۔
10خُداوند کا خَوف دانائی کا شرُوع ہے۔
اُس کے مُطابِق عمل کرنے والے دانِش مند
ہیں۔
اُس کی سِتایش ابد تک قائِم ہے۔
راست باز آدمی کی مُبارِک حالی
1خُداوند کی حمد کرو۔
مُبارک ہے وہ آدمی جو خُداوند سے ڈرتا ہے
اور اُس کے حُکموں میں خُوب مسرُور رہتا ہے۔
2اُس کی نسل زمِین پر زورآور ہو گی۔
راست بازوں کی اَولاد مُبارک ہو گی۔
3مال و دَولت اُس کے گھر میں ہے
اور اُس کی صداقت ابد تک قائِم ہے۔
4راست بازوں کے لِئے تارِیکی میں نُور چمکتا ہے۔
وہ رحِیم و کرِیم اور صادِق ہے۔
5رحم دِل اور قرض دینے والا آدمی سعادت مند ہے۔
وہ اپنا کاروبار راستی سے کرے گا۔
6اُسے کبھی جُنبِش نہ ہو گی۔
صادِق کی یادگار ہمیشہ رہے گی۔
7وہ بُری خبر سے نہ ڈرے گا۔
خُداوند پر توکُّل کرنے سے اُس کا دِل قائِم ہے۔
8اُس کا دِل برقرار ہے۔ وہ ڈرنے کا نہیں۔
یہاں تک کہ وہ اپنے مُخالِفوں کو دیکھ لے گا۔
9اُس نے بانٹا اور مُحتاجوں کو دِیا۔
اُس کی صداقت ہمیشہ قائِم رہے گی۔
اُس کا سِینگ عِزّت کے ساتھ بُلند کِیا جائے گا۔
10شرِیر یہ دیکھے گا اور کُڑھے گا۔
وہ دانت پِیسے گا اور گُھلے گا۔
شرِیروں کی مُراد نابُود ہو گی۔
خُداوند کی شفقت کی تعرِیف اور ثنا
1خُداوند کی حمد کرو۔
اَے خُداوند کے بندو! حمد کرو۔
خُداوند کے نام کی حمد کرو۔
2اب سے ابد تک
خُداوند کا نام مُبارک ہو!
3آفتاب کے طلُوع سے غرُوب تک
خُداوند کے نام کی حمد ہو۔
4خُداوند سب قَوموں پر بُلند و بالا ہے۔
اُس کا جلال آسمان سے برتر ہے۔
5خُداوند ہمارے خُدا کی مانِند کَون ہے
جو عالمِ بالا پر تخت نشِین ہے
6جو فروتنی سے
آسمان و زمِین پر نظر کرتا ہے؟
7وہ مِسکِین کو خاک سے
اور مُحتاج کو مزبلہ پر سے اُٹھا لیتا ہے
8تاکہ اُسے اُمرا کے ساتھ
یعنی اپنی قَوم کے اُمرا کے ساتھ بِٹھائے۔
9وہ بانجھ کا گھر بساتا ہے
اور اُسے بچّوں والی بنا کر دِل شاد کرتا ہے۔
خُداوند کی حمد کرو۔
عِیدِ فَسح کا گِیت
1جب اِسرائیل مِصرؔ سے نِکل آیا۔
یعنی یعقُوبؔ کا گھرانا اجنبی زُبان والی قَوم میں سے
2تو یہُوداؔہ اُس کا مَقدِس
اور اِسرائیلؔ اُس کی ممُلکِت ٹھہرا۔
3یہ دیکھتے ہی سمُندر بھاگا۔
یَردن پِیچھے ہٹ گیا۔
4پہاڑ مینڈھوں کی طرح اُچھلے۔
پہاڑِیاں بھیڑ کے بچّوں کی طرح کُودِیں۔
5اَے سمُندر! تُجھے کیا ہُؤا کہ تُو بھاگتا ہے؟
اَے یَردن! تُجھے کیا ہُؤا کہ تُو پِیچھے ہٹتا ہے؟
6اَے پہاڑو! تُم کو کیا ہُؤا کہ تُم مینڈھوں کی طرح اُچھلتے ہو؟
اَے پہاڑِیو! تُم کو کیا ہُؤا کہ تُم بھیڑ کے بچّوں کی طرح کُودتی ہو؟
7اَے زمِین! تُو رب کے حضُور۔
یعقُوب کے خُدا کے حضُور تھرتھرا
8جو چٹان کو جِھیل
اور چقماق کو پانی کا چشمہ بنا دیتا ہے۔
حقیِقی خُدائے واحد
1ہم کو نہیں! اَے خُداوند! ہم کو نہیں
بلکہ تُو اپنے ہی نام کو
اور اپنی شفقت اور سچّائی کی خاطِر جلال بخش۔
2قَومیں کیوں کہیں
اب اُن کا خُدا کہاں ہے؟
3ہمارا خُدا تو آسمان پر ہے۔
اُس نے جو کُچھ چاہا وُہی کِیا۔
4اُن کے بُت چاندی اور سونا ہیں
یعنی آدمی کی دست کاری۔
5اُن کے مُنہ ہیں پر وہ بولتے نہیں۔
آنکھیں ہیں پر وہ دیکھتے نہیں۔
6اُن کے کان ہیں پر وہ سُنتے نہیں۔
ناک ہیں پر وہ سُونگھتے نہیں۔
7اُن کے ہاتھ ہیں پر وہ چُھوتے نہیں۔
پاؤں ہیں پر وہ چلتے نہیں
اور اُن کے گلے سے آواز نہیں نِکلتی۔
8اُن کے بنانے والے اُن ہی کی مانِند ہو جائیں گے۔
بلکہ وہ سب جو اُن پر بھروسا رکھتے ہیں۔
9اَے اِسرائیل! خُداوند پر توکُّل کر۔
وُہی اُن کی کُمک اور اُن کی سِپر ہے۔
10اَے ہارُون کے گھرانے! خُداوند پر توکُّل کرو۔
وُہی اُن کی کُمک اور اُن کی سِپر ہے۔
11اَے خُداوند سے ڈرنے والو! خُداوند پر توکُّل کرو۔
وُہی اُن کی کُمک اور اُن کی سِپر ہے۔
12خُداوند نے ہم کو یاد رکھّا۔ وہ برکت دے گا۔
وہ اِسرائیل کے گھرانے کو برکت دے گا۔
وہ ہارُون کے گھرانے کو برکت دے گا۔
13جو خُداوند سے ڈرتے ہیں کیا چھوٹے کیا بڑے
وہ اُن سب کو برکت دے گا۔
14خُداوند تُم کو بڑھائے۔
تُم کو اور تُمہاری اَولاد کو۔
15تُم خُداوند کی طرف سے مُبارک ہو
جِس نے آسمان اور زمِین کو بنایا۔
16آسمان تو خُداوند کا آسمان ہے
لیکن زمِین اُس نے بنی آدمؔ کو دی ہے۔
17مُردے خُداوند کی سِتایش نہیں کرتے
نہ وہ جو خاموشی کے عالم میں اُتر جاتے ہیں
18لیکن ہم اب سے ابد تک
خُداوند کو مُبارک کہیں گے۔
خُداوند کی حمد کرو۔
مَوت سے بچایا گیا ایک آدمی خُدا کی حمد کرتا ہے
1مَیں خُداوند سے مُحبّت رکھتا ہُوں
کیونکہ اُس نے میری فریاد اور مِنّت سُنی ہے۔
2چُونکہ اُس نے میری طرف کان لگایا
اِس لِئے مَیں عُمر بھر اُس سے دُعا کرُوں گا۔
3مَوت کی رسِیّوں نے مُجھے جکڑ لِیا
اور پاتال کے درد مُجھ پر آ پڑے۔
مَیں دُکھ اور غم میں گرِفتار ہُؤا۔
4تب مَیں نے خُداوند سے دُعا کی
کہ اَے خُداوند! مَیں تیری منّت کرتا ہُوں میری
جان کو رہائی بخش۔
5خُداوند صادِق اور کرِیم ہے۔
ہمارا خُدا رحِیم ہے۔
6خُداوند سادہ لوگوں کی حِفاظت کرتا ہے۔
مَیں پست ہو گیا تھا۔ اُسی نے مُجھے بچا لِیا۔
7اَے میری جان! پِھر مُطمِئن ہو
کیونکہ خُداوند نے تُجھ پر اِحسان کِیا ہے۔
8اِس لِئے کہ تُو نے میری جان کو مَوت سے
میری آنکھوں کو آنسُو بہانے سے
اور میرے پاؤں کو پِھسلنے سے بچایا ہے۔
9مَیں زِندوں کی زمِین میں
خُداوند کے حضُور چلتا رہُوں گا۔
10مَیں اِیمان رکھتا ہُوں۔ اِس لِئے یہ کہُوں گا
مَیں بڑی مُصِیبت میں تھا۔
11مَیں نے جلد بازی سے کہہ دِیا
کہ سب آدمی جُھوٹے ہیں۔
12خُداوند کی سب نِعمتیں جو مُجھے مِلیں
مَیں اُن کے عِوض میں اُسے کیا دُوں؟
13مَیں نجات کا پیالہ اُٹھا کر
خُداوند سے دُعا کرُوں گا۔
14مَیں خُداوند کے حضُور اپنی مَنّتیں
اُس کی ساری قَوم کے سامنے پُوری کرُوں گا۔
15خُداوند کی نِگاہ میں
اُس کے مُقدّسوں کی مَوت گِراں قدر ہے۔
16آہ! اَے خُداوند! مَیں تیرا بندہ ہُوں۔
مَیں تیرا بندہ تیری لَونڈی کا بیٹا ہُوں۔
تُو نے میرے بندھن کھولے ہیں۔
17مَیں تیرے حضُور شُکرگُذاری کی قُربانی چڑھاؤُں گا
اور خُداوند سے دُعا کرُوں گا۔
18مَیں خُداوند کے حضُور اپنی مَنّتیں
اُس کی ساری قَوم کے سامنے پُوری کرُوں گا۔
19خُداوند کے گھر کی بارگاہوں میں
تیرے اندر اَے یروشلِیم!
خُداوند کی حمد کرو۔
خُداوند کی حمد
1اَے قَومو! سب خُداوند کی حمد کرو۔
اَے اُمّتو! سب اُس کی سِتایش کرو۔
2کیونکہ ہم پر اُس کی بڑی شفقت ہے
اور خُداوند کی سچّائی ابدی ہے۔
خُداوند کی حمد کرو۔
فتح کے لِئے شُکرگُذاری کی دُعا
1خُداوند کا شُکر کرو کیونکہ وہ بھلا ہے
اور اُس کی شفقت ابدی ہے۔
2اِسرائیل اب کہے
اُس کی شفقت ابدی ہے۔
3ہارُون کا گھرانا اب کہے
اُس کی شفقت ابدی ہے۔
4خُداوند سے ڈرنے والے اب کہیں
اُس کی شفقت ابدی ہے۔
5مَیں نے مُصِیبت میں خُداوند سے دُعا کی۔
خُداوند نے مُجھے جواب دِیا اور کُشادگی بخشی۔
6خُداوند میری طرف ہے مَیں نہیں ڈرنے کا۔
اِنسان میرا کیا کر سکتا ہے؟
7خُداوند میری طرف میرے مددگاروں میں ہے۔
اِس لِئے مَیں اپنے عداوت رکھنے والوں کو دیکھ لُوں گا۔
8خُداوند پر توکُّل کرنا
اِنسان پر بھروسا رکھنے سے بہتر ہے۔
9خُداوند پر توکُّل کرنا
اُمرا پر بھروسا رکھنے سے بہتر ہے۔
10سب قَوموں نے مُجھے گھیر لِیا۔
مَیں خُداوند کے نام سے اُن کو کاٹ ڈالُوں گا۔
11اُنہوں نے مُجھے گھیر لِیا۔ بیشک گھیر لِیا۔
مَیں خُداوند کے نام سے اُن کو کاٹ ڈالُوں گا۔
12اُنہوں نے شہد کی مکھِّیوں کی طرح مُجھے گھیر لِیا۔ وہ
کانٹوں کی آگ کی طرح بُجھ گئے۔
مَیں خُداوند کے نام سے اُن کو کاٹ ڈالُوں گا۔
13تُو نے مُجھے زور سے دھکیل دِیا کہ گِر پڑُوں
لیکن خُداوند نے میری مدد کی۔
14خُداوند میری قُوّت اور میرا گِیت ہے۔
وُہی میری نجات ہُؤا۔
15صادِقوں کے خَیموں میں شادمانی اور نجات کی راگنی ہے۔
خُداوند کا دہنا ہاتھ دِلاوری کرتا ہے۔
16خُداوند کا دہنا ہاتھ بُلند ہُؤا ہے۔
خُداوند کا دہنا ہاتھ دِلاوری کرتا ہے۔
17مَیں مرُوں گا نہیں بلکہ جِیتا رہُوں گا
اور خُداوند کے کاموں کا بیان کرُوں گا۔
18خُداوند نے مُجھے سخت تنبِیہ تو کی
لیکن مَوت کے حوالہ نہیں کِیا۔
19صداقت کے پھاٹکوں کو میرے لِئے کھول دو۔
مَیں اُن سے داخِل ہو کر خُداوند کا شُکر کرُوں گا۔
20خُداوند کا پھاٹک یہی ہے۔
صادِق اِس سے داخِل ہوں گے۔
21مَیں تیرا شُکر کرُوں گا کیونکہ تُو نے مُجھے جواب دِیا۔
اور خُود میری نجات بنا ہے۔
22جِس پتھّر کو مِعماروں نے ردّ کِیا
وُہی کونے کے سرے کا پتھّر ہو گیا۔
23یہ خُداوند کی طرف سے ہُؤا
اور ہماری نظر میں عجِیب ہے۔
24یہ وُہی دِن ہے جِسے خُداوند نے مُقرّر کِیا۔
ہم اِس میں شادمان ہوں گے اور خُوشی منائیں گے۔
25آہ! اَے خُداوند! بچا لے۔
آہ! اَے خُداوند! خُوش حالی بخش۔
26مُبارک ہے وہ جو خُداوند کے نام سے آتا ہے۔
ہم نے تُم کو خُداوند کے گھر سے دُعا دی ہے۔
27یہوواہ ہی خُدا ہے اور اُسی نے ہم کو نُور بخشا ہے۔
قُربانی کو مذبح کے سِینگوں سے رسِّیوں سے باندھو۔
28تُو میرا خُدا ہے۔ مَیں تیرا شُکر کرُوں گا۔
تُو میرا خُدا ہے۔ مَیں تیری تمجِید کرُوں گا۔
29خُداوند کا شُکر کرو کیونکہ وہ بھلا ہے
اور اُس کی شفقت ابدی ہے۔
خُداوند کی شرِیعت
1(الف) مُبارک ہیں وہ جو کامِل رفتار ہیں۔
جو خُداوند کی شرِیعت پر عمل کرتے ہیں۔
2مُبارک ہیں وہ جو اُس کی شہادتوں کو مانتے ہیں
اور پُورے دِل سے اُس کے طالِب ہیں۔
3اُن سے ناراستی نہیں ہوتی۔
وہ اُس کی راہوں پر چلتے ہیں۔
4تُو نے اپنے قوانِین دِئے ہیں
تاکہ ہم دِل لگا کر اُن کو مانیں۔
5کاش کہ تیرے آئِین ماننے کے لِئے
میری روِشیں درُست ہو جائیں!
6جب مَیں تیرے سب احکام کا لِحاظ رکھُّوں گا
تو شرمِندہ نہ ہُوں گا۔
7جب مَیں تیری صداقت کے احکام سِیکھ لُوں گا
تو سچّے دِل سے تیرا شُکر ادا کرُوں گا۔
8مَیں تیرے آئِین مانُوں گا۔
مُجھے بالکُل ترک نہ کر دے۔
خُداوند کی شرِیعت کی فرمانبرداری
9(بیتھ) جوان اپنی روِش کِس طرح پاک رکھّے؟
تیرے کلام کے مُطابِق اُس پر نِگاہ رکھنے سے۔
10مَیں پُورے دِل سے تیرا طالِب ہُؤا ہُوں
مُجھے اپنے فرمان سے بھٹکنے نہ دے۔
11مَیں نے تیرے کلام کو اپنے دِل میں رکھ لِیا ہے
تاکہ مَیں تیرے خِلاف گُناہ نہ کرُوں۔
12اَے خُداوند! تُو مُبارک ہے۔
مُجھے اپنے آئِین سِکھا۔
13مَیں نے اپنے لبوں سے
تیرے فرمُودہ احکام کو بیان کِیا۔
14مُجھے تیری شہادتوں کی راہ سے اَیسی شادمانی ہُوئی
جَیسی ہر طرح کی دَولت سے ہوتی ہے۔
15مَیں تیرے قوانِین پر غَور کرُوں گا۔
اور تیری راہوں کا لِحاظ رکھُّوں گا۔
16مَیں تیرے آئِین میں مسرُور رہُوں گا۔
مَیں تیرے کلام کو نہ بُھولُوں گا۔
خُداوند کی شرِیعت میں خُوشنُودی
17(گِیمل) اپنے بندہ پر اِحسان کر تاکہ مَیں جِیتا رہُوں
اور تیرے کلام کو مانتا رہُوں۔
18میری آنکھیں کھول دے
تاکہ مَیں تیری شرِیعت کے عجائِب دیکھوں۔
19مَیں زمِین پر مُسافِر ہُوں۔
اپنے فرمان مُجھ سے پوشِیدہ نہ رکھ۔
20میرا دِل تیرے احکام کے اِشتیاق میں
ہر وقت تڑپتا رہتا ہے۔
21تُو نے اُن ملعُون مغرُوروں کو جِھڑک دِیا
جو تیرے فرمان سے بھٹکتے رہتے ہیں۔
22ملامت اور حقارت کو مُجھ سے دُور کر دے
کیونکہ مَیں نے تیری شہادتیں مانی ہیں
23اُمرا بھی بَیٹھ کر میرے خِلاف باتیں کرتے رہے
لیکن تیرا بندہ تیرے آئِین پر دِھیان لگائے رہا۔
24تیری شہادتیں مُجھے مرغُوب
اور میری مُشِیر ہیں۔
خُداوند کی شرِیعت کی فرمانبرداری کا قصد
25(دالتھ) میری جان خاک میں مِل گئی۔
تُو اپنے کلام کے مُطابِق مُجھے زِندہ کر۔
26مَیں نے اپنی روِشوں کا اِظہار کِیا اور تُو نے مُجھے جواب دِیا۔
مُجھے اپنے آئِین کی تعلِیم دے۔
27اپنے قوانِین کی راہ مُجھے سمجھا دے
اور مَیں تیرے عجائِب پر دِھیان کرُوں گا۔
28غم کے مارے میری جان گُھلی جاتی ہے۔
اپنے کلام کے مُطابِق مُجھے تقوِیت دے۔
29جُھوٹ کی راہ سے مُجھے دُور رکھ
اور مُجھے اپنی شرِیعت عِنایت فرما۔
30مَیں نے وفاداری کی راہ اِختیار کی ہے۔
مَیں نے تیرے احکام اپنے سامنے رکھّے ہیں۔
31مَیں تیری شہادتوں سے لِپٹا ہُؤا ہُوں۔
اَے خُداوند! مُجھے شرمِندہ نہ ہونے دے۔
32جب تُو میرا حَوصلہ بڑھائے گا
تو مَیں تیرے فرمان کی راہ میں دَوڑُوں گا۔
شرِیعت کو سمجھنے کی درخواست
33(ھے) اَے خُداوند! مُجھے اپنے آئِین کی راہ بتا
اور مَیں آخِر تک اُس پر چلُوں گا۔
34مُجھے فہم عطا کر اور مَیں تیری شرِیعت پر چلُوں گا۔
بلکہ مَیں پُورے دِل سے اُس کو مانُوں گا۔
35مُجھے اپنے فرمان کی راہ پر چلا
کیونکہ اِسی میں میری خُوشی ہے۔
36میرے دِل کو اپنی شہادتوں کی طرف رجُوع دِلا
نہ کہ لالچ کی طرف۔
37میری آنکھوں کو بُطلان پر نظر کرنے سے باز رکھ
اور مُجھے اپنی راہوں میں زِندہ کر۔
38اپنے بندہ کے لِئے اپنا وہ قَول پُورا کر
جِس سے تیرا خَوف پَیدا ہوتا ہے۔
39میری ملامت کو جِس سے مَیں ڈرتا ہُوں دُور کر دے
کیونکہ تیرے احکام بھلے ہیں۔
40دیکھ! مَیں تیرے قوانِین کا مُشتاق رہا ہُوں۔
مُجھے اپنی صداقت سے زِندہ کر۔
خُداوند کی شرِیعت پر بھروسا
41(واو) اَے خُداوند! تیرے قَول کے مُطابِق
تیری شفقت اور تیری نجات مُجھے نصِیب ہوں۔
42تب مَیں اپنے ملامت کرنے والے کو جواب دے سکُوں گا
کیونکہ مَیں تیرے کلام پر بھروسا رکھتا ہُوں۔
43اور حق بات کو میرے مُنہ سے ہرگِز جُدا نہ ہونے دے
کیونکہ میرا اِعتماد تیرے احکام پر ہے۔
44پس مَیں ابدُلآباد
تیری شرِیعت کو مانتا رہُوں گا۔
45اور مَیں آزادی سے چلُوں گا
کیونکہ مَیں تیرے قوانِین کا طالِب رہا ہُوں
46مَیں بادشاہوں کے سامنے تیری شہادتوں کا بیان کرُوں گا
اور شرمِندہ نہ ہُوں گا۔
47تیرے فرمان مُجھے عزِیز ہیں۔
مَیں اُن میں مسرُور رہُوں گا۔
48مَیں اپنے ہاتھ تیرے فرمان کی طرف جو مُجھے عزِیز ہے اُٹھاؤُں گا
اور تیرے آئِین پر دِھیان کرُوں گا۔
خُداوند کی شرِیعت پر اِعتماد
49(زَین) جو کلام تُو نے اپنے بندہ سے کِیا اُسے یاد کر
کیونکہ تُو نے مُجھے اُمّید دِلائی ہے۔
50میری مُصِیبت میں یہی میری تسلّی ہے
کہ تیرے کلام نے مُجھے زِندہ کِیا ہے۔
51مغرُوروں نے مُجھے بُہت ٹھٹھّوں میں اُڑایا۔
تَو بھی مَیں نے تیری شرِیعت سے کنارہ نہیں کِیا۔
52اَے خُداوند! مَیں تیرے قدِیم احکام کو یاد کرتا
اور اِطمِینان پاتا رہا ہُوں۔
53اُن شرِیروں کے سبب سے جو تیری شرِیعت کو ترک کرتے ہیں۔
مَیں سخت طَیش میں آ گیا ہُوں۔
54میرے مُسافرخانہ میں
تیرے آئِین میرا گِیت رہے ہیں۔
55اَے خُداوند! رات کو مَیں نے تیرا نام یاد کِیا ہے
اور تیری شرِیعت پر عمل کِیا ہے۔
56یہ میرے واسطے اِس لِئے ہُؤا
کہ مَیں نے تیرے قوانِین کو مانا۔
خُداوند کی شرِیعت کا اِشتیاق
57(خیتھ) خُداوند میرا بخرہ ہے۔
مَیں نے کہا ہے مَیں تیری باتیں مانُوں گا۔
58مَیں پُورے دِل سے تیرے کرم کا خواہاں ہُؤا۔
اپنے کلام کے مُطابِق مُجھ پر رحم کر۔
59مَیں نے اپنی راہوں پر غَور کِیا
اور تیری شہادتوں کی طرف اپنے قدم موڑے۔
60مَیں نے تیرے فرمان ماننے میں
جلدی کی اور دیر نہ لگائی۔
61شرِیروں کی رسِّیوں نے مُجھے جکڑ لِیا۔
پر مَیں تیری شرِیعت کو نہ بُھولا۔
62تیری صداقت کے احکام کے لِئے
مَیں آدھی رات کو تیرا شُکر کرنے کو اُٹُھوں گا۔
63مَیں اُن سب کا ساتھی ہُوں جو تُجھ سے ڈرتے ہیں
اور اُن کا جو تیرے قوانِین کو مانتے ہیں۔
64اَے خُداوند! زمِین تیری شفقت سے معمُور ہے۔
مُجھے اپنے آئین سِکھا۔
خُداوند کی شرِیعت کی قدر و قِیمت
65(طیتھ) اَے خُداوند! تُو نے اپنے کلام کے مُطابِق
اپنے بندہ کے ساتھ بھلائی کی ہے۔
66مُجھے صحیح اِمتیاز اور دانِش سِکھا
کیونکہ مَیں تیرے فرمان پر اِیمان لایا ہُوں۔
67مَیں مُصِیبت اُٹھانے سے پہلے گُمراہ تھا
پر اب تیرے کلام کو مانتا ہُوں۔
68تُو بھلا ہے اور بھلائی کرتا ہے۔
مُجھے اپنے آئین سِکھا۔
69مغرُوروں نے مُجھ پر بُہتان باندھا ہے۔
مَیں پُورے دِل سے تیرے قوانِین کو مانُوں گا۔
70اُن کے دِل چِکنائی سے فربہ ہو گئے
لیکن مَیں تیری شرِیعت میں مسرُور ہُوں۔
71اچھّا ہُؤا کہ مَیں نے مُصِیبت اُٹھائی
تاکہ تیرے آئِین سِیکھ لُوں۔
72تیرے مُنہ کی شرِیعت میرے لِئے
سونے چاندی کے ہزاروں سِکّوں سے بہتر ہے۔
خُداوند کی شرِیعت کا عدل و اِنصاف
73(یود) تیرے ہاتھوں نے مُجھے بنایا اور ترتِیب دی۔
مُجھے فہم عطا کر تاکہ تیرے فرمان سِیکھ لُوں۔
74تُجھ سے ڈرنے والے مُجھے دیکھ کر خُوش ہوں گے۔
اِس لِئے کہ مُجھے تیرے کلام پر اِعتماد ہے۔
75اَے خُداوند! مَیں تیرے احکام کی صداقت کو جانتا ہُوں
اور یہ کہ وفاداری ہی سے تُو نے مُجھے دُکھ میں ڈالا۔
76اُس کلام کے مُطابِق جو تُو نے اپنے بندہ سے کِیا
تیری شفقت میری تسلّی کا باعِث ہو۔
77تیری رحمت مُجھے نصِیب ہو تاکہ مَیں زِندہ رہُوں۔
کیونکہ تیری شرِیعت میری خُوشنُودی ہے۔
78مغرُور شرمِندہ ہوں کیونکہ اُنہوں نے ناحق مُجھے گِرایا۔
لیکن مَیں تیرے قوانِین پر دِھیان کرُوں گا۔
79تُجھ سے ڈرنے والے میری طرف رجُوع ہوں
تو وہ تیری شہادتوں کو جان لیں گے۔
80میرا دِل تیرے آئِین ماننے میں کامِل رہے
تاکہ مَیں شرمِندگی نہ اُٹھاؤُں۔
رہائی کے لِئے اِلتجا
81(کاف) میری جان تیری نجات کے لِئے بے تاب ہے
لیکن مُجھے تیرے کلام پر اِعتماد ہے۔
82تیرے کلام کے اِنتظار میں میری آنکھیں رہ گئِیں۔
مَیں یہی کہتا رہا کہ تُو مُجھے کب تسلّی دے گا؟
83مَیں اُس مشکِیزہ کی مانِند ہو گیا جو دُھوئیں میں ہو
تَو بھی مَیں تیرے آئِین کو نہیں بُھولتا۔
84تیرے بندہ کے دِن ہی کِتنے ہیں؟
تُو میرے ستانے والوں پر کب فتویٰ دے گا؟
85مغرُوروں نے جو تیری شرِیعت کے پَیرو نہیں
میرے لِئے گڑھے کھودے ہیں۔
86تیرے سب فرمان برحق ہیں۔
وہ ناحق مُجھے ستاتے ہیں۔ تُو میری مدد کر۔
87اُنہوں نے مُجھے زمِین پر سے فنا کر ہی ڈالا تھا
لیکن مَیں نے تیرے قوانِین کو ترک نہ کِیا۔
88تُو مُجھے اپنی شفقت کے مُطابِق زِندہ کر
تو مَیں تیرے مُنہ کی شہادت کو مانُوں گا۔
خُداوند کی شرِیعت پر اِیمان
89(لامد) اَے خُداوند! تیرا کلام
آسمان پر ابد تک قائِم ہے۔
90تیری وفاداری پُشت در پُشت ہے۔
تُو نے زمِین کو قِیام بخشا اور وہ قائِم ہے۔
91وہ آج تیرے احکام کے مُطابِق قائِم ہیں
کیونکہ سب چِیزیں تیری خِدمت گُذار ہیں۔
92اگر تیری شرِیعت میری خُوشنُودی نہ ہوتی
تو مَیں اپنی مُصِیبت میں ہلاک ہو جاتا۔
93مَیں تیرے قوانِین کو کبھی نہ بُھولُوں گا
کیونکہ تُو نے اُن ہی کے وسِیلہ سے مُجھے زِندہ کِیا ہے۔
94مَیں تیرا ہی ہُوں۔ مُجھے بچا لے
کیونکہ مَیں تیرے قوانِین کا طالِب رہا ہُوں۔
95شرِیر مُجھے ہلاک کرنے کو گھات میں لگے رہے
لیکن مَیں تیری شہادتوں پر غَور کرُوں گا۔
96مَیں نے دیکھا کہ ہر کمال کی اِنتہا ہے
لیکن تیرا حُکم نہایت وسِیع ہے۔
خُداوند کی شرِیعت کے لِئے مُحبّت
97(میم) آہ! مَیں تیری شرِیعت سے کَیسی مُحبّت رکھتا ہُوں۔
مُجھے دِن بھر اُسی کا دِھیان رہتا ہے۔
98تیرے فرمان مُجھے میرے دُشمنوں سے زِیادہ دانِش مند بناتے ہیں۔
کیونکہ وہ ہمیشہ میرے ساتھ ہیں۔
99مَیں اپنے سب اُستادوں سے عقل مند ہُوں
کیونکہ تیری شہادتوں پر میرا دِھیان رہتا ہے۔
100مَیں عُمر رسِیدہ لوگوں سے زِیادہ سمجھ رکھتا ہُوں
کیونکہ مَیں نے تیرے قوانِین کو مانا ہے۔
101مَیں نے ہر بُری راہ سے اپنے قدم روک رکھّے ہیں
تاکہ تیری شرِیعت پر عمل کرُوں۔
102مَیں نے تیرے احکام سے کنارہ نہیں کِیا
کیونکہ تُو نے مُجھے تعلِیم دی ہے۔
103تیری باتیں میرے لِئے کَیسی شِیرین ہیں!
وہ میرے مُنہ کو شہد سے بھی مِیٹھی معلُوم ہوتی ہیں۔
104تیرے قوانِین سے مُجھے فہم حاصِل ہوتا ہے
اِس لِئے مُجھے ہر جُھوٹی راہ سے نفرت ہے۔
خُداوند کی شرِیعت سے رَوشنی
105(نون) تیرا کلام میرے قدموں کے لِئے چراغ
اور میری راہ کے لِئے رَوشنی ہے۔
106مَیں نے قَسم کھائی ہے اور اِس پر قائِم ہُوں
کہ تیری صداقت کے احکام پر عمل کرُوں گا۔
107مَیں بڑی مُصِیبت میں ہُوں۔
اَے خُداوند! اپنے کلام کے مُطابِق مُجھے زِندہ کر۔
108اَے خُداوند! میرے مُنہ سے رضا کی قُربانِیاں قبُول فرما
اور مُجھے اپنے احکام کی تعلِیم دے۔
109میری جان ہمیشہ ہتھیلی پر ہے
تَو بھی مَیں تیری شرِیعت کو نہیں بُھولتا۔
110شرِیروں نے میرے لِئے پھندا لگایا ہے
تَو بھی مَیں تیرے قوانِین سے نہیں بھٹکا۔
111مَیں نے تیری شہادتوں کو اپنی ابدی مِیراث بنایا ہے
کیونکہ اُن سے میرے دِل کو شادمانی ہوتی ہے۔
112مَیں نے ہمیشہ کے لِئے آخِر تک
تیرے آئِین ماننے پر دِل لگایا ہے۔
خُداوند کی شرِیعت میں سلامتی
113(سامک) مُجھے دو دِلوں سے نفرت ہے۔
پر تیری شرِیعت سے مُحبّت رکھتا ہُوں۔
114تُو میرے چِھپنے کی جگہ اور میری سِپر ہے۔
مُجھے تیرے کلام پر اِعتماد ہے۔
115اَے بدکردارو! مُجھ سے دُور ہو جاؤ
تاکہ مَیں اپنے خُدا کے فرمان پر عمل کرُوں۔
116تُو اپنے کلام کے مُطابِق مُجھے سنبھال تاکہ زِندہ رہُوں
اور مُجھے اپنے اِعتماد سے شرمِندگی نہ اُٹھانے دے۔
117مُجھے سنبھال اور مَیں سلامت رہُوں گا
اور ہمیشہ تیرے آئِین کا لِحاظ رکھُّوں گا۔
118تُو نے اُن سب کو حقِیر جانا ہے جو تیرے آئِین سے بھٹک جاتے ہیں
کیونکہ اُن کی دغابازی عبث ہے۔
119تُو زمِین کے سب شرِیروں کو مَیل کی طرح چھانٹ دیتا ہے۔
اِس لِئے مَیں تیری شہادتوں کو عزِیز رکھتا ہُوں۔
120میرا جِسم تیرے خَوف سے کانپتا ہے
اور مَیں تیرے احکام سے ڈرتا ہُوں۔
خُداوند کی شرِیعت کی فرمانبرداری
121(عَین) مَیں نے عدل اور اِنصاف کِیا ہے۔
مُجھے اُن کے حوالہ نہ کر جو مُجھ پر ظُلم کرتے ہیں۔
122بھلائی کے لِئے اپنے بندہ کا ضامِن ہو۔
مغرُور مُجھ پر ظُلم نہ کریں۔
123تیری نجات اور تیری صداقت کے کلام کے اِنتظار میں
میری آنکھیں رہ گئِیں۔
124اپنے بندہ سے اپنی شفقت کے مُطابِق سلُوک کر
اور مُجھے اپنے آئِین سِکھا۔
125مَیں تیرا بندہ ہُوں۔ مُجھ کو فہم عطا کر
تاکہ تیری شہادتوں کو سمُجھ لُوں۔
126اب وقت آ گیا کہ خُداوند کام کرے
کیونکہ اُنہوں نے تیری شرِیعت کو باطِل کر دِیا ہے۔
127اِس لِئے مَیں تیرے فرمان کو سونے سے
بلکہ کُندن سے بھی زِیادہ عزِیز رکھتا ہُوں۔
128اِس لِئے مَیں تیرے سب قوانِین کو برحق جانتا ہُوں
اور ہر جُھوٹی راہ سے مُجھے نفرت ہے۔
خُداوند کی شرِیعت کی تعمِیل کی خواہِش
129(پے) تیری شہادتیں عجِیب ہیں
اِس لِئے میرا دِل اُن کو مانتا ہے۔
130تیری باتوں کی تشرِیح نُور بخشتی ہے۔
وہ سادہ دِلوں کو عقل مند بناتی ہے۔
131مَیں خُوب مُنہ کھول کر ہانپتا رہا
کیونکہ مَیں تیرے فرمان کا مُشتاق تھا۔
132میری طرف توجُّہ کر اور مُجھ پر رحم فرما
جَیسا تیرے نام سے مُحبّت رکھنے والوں کا حق ہے۔
133اپنے کلام میں میری رہنمائی کر۔
کوئی بدکاری مُجھ پر تسلُّط نہ پائے۔
134اِنسان کے ظُلم سے مُجھے چُھڑا لے
تو تیرے قوانین پر عمل کرُوں گا۔
135اپنا چہرہ اپنے بندہ پر جلوہ گر فرما
اور مُجھے اپنے آئِین سِکھا۔
136میری آنکھوں سے پانی کے چشمے جاری ہیں۔
اِس لِئے کہ لوگ تیری شرِیعت کو نہیں مانتے۔
خُداوند کی شرِیعت کا عدل و اِنصاف
137(صادے) اَے خُداوند! تُو صادِق ہے
اور تیرے احکام برحق ہیں۔
138تُو نے صداقت اور کمال وفاداری سے
اپنی شہادتوں کو ظاہِر فرمایا ہے۔
139میری غَیرت مُجھے کھا گئی
کیونکہ میرے مُخالِف تیری باتیں بُھول گئے
140تیرا کلام بِالکُل خالِص ہے
اِس لِئے تیرے بندہ کو اُس سے مُحبّت ہے۔
141مَیں ادنیٰ اور حقِیر ہُوں
تَو بھی مَیں تیرے قوانِین کو نہیں بُھولتا۔
142تیری صداقت ابدی صداقت ہے
اور تیری شرِیعت برحق ہے۔
143مَیں تکلِیف اور عذاب میں مُبتلا ہُوں
تَو بھی تیرے فرمان میری خُوشنُودی ہیں۔
144تیری شہادتیں ہمیشہ راست ہیں۔
مُجھے فہم عطا کر تو مَیں زِندہ رہُوں گا
رِہائی کے لِئے اِلتجا
145(قوف) مَیں پُورے دِل سے دُعا کرتا ہُوں۔
اَے خُداوند! مُجھے جواب دے۔
مَیں تیرے آئِین پر عمل کرُوں گا۔
146مَیں نے تُجھ سے دُعا کی ہے۔ مُجھے بچا لے
اور مَیں تیری شہادتوں کو مانُوں گا۔
147مَیں نے پَو پھٹنے سے پہلے فریاد کی۔
مُجھے تیرے کلام پر اِعتماد ہے۔
148میری آنکھیں رات کے ہر پہر سے پہلے کُھل گئِیں
تاکہ تیرے کلام پر دِھیان کرُوں۔
149اپنی شفقت کے مُطابِق میری فریاد سُن۔
اَے خُداوند! اپنے احکام کے مُطابِق مُجھے زِندہ کر۔
150جو شرارت کے درپَے رہتے ہیں وہ نزدِیک آ گئے۔
وہ تیری شرِیعت سے دُور ہیں۔
151اَے خُداوند! تُو نزدِیک ہے
اور تیرے سب فرمان برحق ہیں۔
152تیری شہادتوں سے مُجھے قدِیم سے معلُوم ہُؤا
کہ تُو نے اُن کو ہمیشہ کے لِئے قائِم کِیا ہے۔
مدد کے لِئے اِلتجا
153(ریش) میری مُصِیبت کا خیال کر اور مُجھے چُھڑا
کیونکہ مَیں تیری شرِیعت کو نہیں بُھولتا۔
154میری وکالت کر اور میرا فِدیہ دے۔
اپنے کلام کے مُطابِق مُجھے زِندہ کر۔
155نجات شرِیروں سے دُور ہے
کیونکہ وہ تیرے آئِین کے طالِب نہیں ہیں۔
156اَے خُداوند! تیری رحمت بڑی ہے۔
اپنے احکام کے مُطابِق مُجھے زِندہ کر۔
157میرے ستانے والے اور مُخالِف بُہت ہیں
تَو بھی مَیں نے تیری شہادتوں سے کنارہ نہ کِیا۔
158مَیں دغابازوں کو دیکھ کر ملُول ہُؤا
کیونکہ وہ تیرے کلام کو نہیں مانتے۔
159خیال فرما کہ مُجھے تیرے قوانِین سے کیسی مُحبّت ہے۔
اَے خُداوند! اپنی شفقت کے مُطابِق مُجھے زِندہ کر۔
160تیرے کلام کا خُلاصہ سچّائی ہے۔
تیری صداقت کے کُل احکام ابدی ہیں۔
خُداوند کی شرِیعت کے لِئے مخصُوصیّت
161(شِین) اُمرا نے مُجھے بے سبب ستایا ہے
لیکن میرے دِل میں تیری باتوں کا خَوف ہے۔
162مَیں بڑی لُوٹ پانے والے کی مانِند
تیرے کلام سے خُوش ہُوں۔
163مُجھے جُھوٹ سے نفرت اور کراہِیت ہے
لیکن تیری شرِیعت سے مُحبّت ہے۔
164مَیں تیری صداقت کے احکام کے سبب سے
دِن میں سات بار تیری سِتایش کرتا ہُوں۔
165تیری شرِیعت سے مُحبّت رکھنے والے مُطمئن ہیں۔
اُن کے لِئے ٹھوکر کھانے کا کوئی مَوقع نہیں۔
166اَے خُداوند! مَیں تیری نجات کا اُمیدوار رہا ہُوں
اور تیرے فرمان بجا لایا ہُوں۔
167میری جان نے تیری شہادتیں مانی ہیں
اور وہ مُجھے نہایت عزِیز ہیں۔
168مَیں نے تیرے قوانِین اور شہادتوں کو مانا ہے۔
کیونکہ میری سب روِشیں تیرے سامنے ہیں۔
مدد کے لِئے اِلتجا
169(تاو) اَے خُداوند! میری فریاد تیرے حضُور پُہنچے۔
اپنے کلام کے مُطابِق مُجھے فہم عطا کر۔
170میری اِلتجا تیرے حضُور پُہنچے
اپنے کلام کے مُطابِق مُجھے چُھڑا۔
171میرے لبوں سے تیری سِتایش ہو
کیونکہ تُو مُجھے اپنے آئِین سِکھاتا ہے۔
172میری زُبان تیرے کلام کا گِیت گائے
کیونکہ تیرے سب فرمان برحق ہیں۔
173تیرا ہاتھ میری مدد کو تیّار رہے
کیونکہ مَیں نے تیرے قوانِین اِختیار کِئے ہیں۔
174اَے خُداوند! مَیں تیری نجات کا مُشتاق رہا ہُوں
اور تیری شرِیعت میری خُوشنُودی ہے۔
175میری جان زِندہ رہے تو وہ تیری سِتایش کرے گی
اور تیرے احکام میری مدد کریں۔
176مَیں کھوئی ہُوئی بھیڑ کی مانِند بھٹک گیا ہُوں۔
اپنے بندہ کو تلاش کر
کیونکہ مَیں تیرے فرمان کو نہیں بُھولتا۔
مدد کے لِئے اِلتجا
معلوت یعنی ہَیکل کی زِیارت کا گِیت۔
1مَیں نے مُصِیبت میں خُداوند سے فریاد کی
اور اُس نے مُجھے جواب دِیا۔
2جُھوٹے ہونٹوں اور دغاباز زُبان سے
اے خُداوند! میری جان کو چُھڑا۔
3اَے دغاباز زُبان!
تُجھے کیا دِیا جائے اور تُجھ سے اَور کیا کِیا جائے؟
4زبردست کے تیز تِیر۔
جھاؤ کے انگاروں کے ساتھ۔
5مُجھ پر افسوس کہ مَیں مسک میں بستا
اور قِیدار کے خَیموں میں رہتا ہُوں۔
6صُلح کے دُشمن کے ساتھ رہتے ہُوئے
مُجھے بڑی مُدّت ہو گئی۔
7مَیں تو صُلح دوست ہُوں
پر جب بولتا ہُوں تو وہ جنگ پر آمادہ ہو جاتے ہیں۔
خُداوند ہمارا مُحافِظ
معلوت یعنی ہَیکل کی زِیارت کا گِیت۔
1مَیں اپنی آنکھیں پہاڑوں کی طرف اُٹھاؤُں گا۔
میری کُمک کہاں سے آئے گی؟
2میری کُمک خُداوند سے ہے
جِس نے آسمان اور زمِین کو بنایا۔
3وہ تیرے پاؤں کو پِھسلنے نہ دے گا۔
تیرا مُحافِظ اُونگھنے کا نہیں۔
4دیکھ! اِسرائیل کا مُحافِظ
نہ اُونگھے گا نہ سوئے گا۔
5خُداوند تیرا مُحافِظ ہے
خُداوند تیرے دہنے ہاتھ پر تیرا سائبان ہے۔
6نہ آفتاب دِن کو تُجھے ضرر پُہنچائے گا
نہ ماہتاب رات کو۔
7خُداوند ہر بلا سے تُجھے محفُوظ رکھّے گا۔
وہ تیری جان کو محفُوظ رکھّے گا۔
8خُداوند تیری آمد و رفت میں
اب سے ہمیشہ تک تیری حِفاظت کرے گا۔
یروشلیِم کی تعرِیف و تَوصیِف
معلوت یعنی ہَیکل کی زِیارت کا گِیت۔ داؤُد کا۔
1مَیں خُوش ہُؤا جب وہ مُجھ سے کہنے لگے
آؤ خُداوند کے گھر چلیں۔
2اَے یروشلِیم! ہمارے قدم
تیرے پھاٹکوں کے اندر ہیں۔
3اَے یروشلِیم! تُو اَیسے شہر کی مانِند ہے
جو گُنجان بنا ہو۔
4جہاں قبِیلے یعنی خُداوند کے قبِیلے
اِسرائیل کی شہادت کے لِئے
خُداوند کے نام کا شُکر کرنے کو جاتے ہیں۔
5کیونکہ وہاں عدالت کے تخت
یعنی داؤُد کے خاندان کے تخت قائِم ہیں۔
6یروشلِیم کی سلامتی کی دُعا کرو۔
وہ جو تُجھ سے مُحبّت رکھتے ہیں اِقبال مند
ہوں گے۔
7تیری فصِیل کے اندر سلامتی
اور تیرے محلّوں میں اِقبال مندی ہو۔
8مَیں اپنے بھائیوں اور دوستوں کی خاطِر
اب کہُوں گا تُجھ میں سلامتی رہے۔
9خُداوند اپنے خُدا کے گھر کی خاطِر
مَیں تیری بھلائی کا طالِب رہُوں گا۔
رحم کے لِئے مُناجات
معلوت یعنی ہَیکل کی زِیارت کا گِیت۔
1تُو جو آسمان پر تخت نشِین ہے
مَیں اپنی آنکھیں تیری طرف اُٹھاتا ہُوں۔
2دیکھ جِس طرح غُلاموں کی آنکھیں اپنے آقا کے
ہاتھ کی طرف
اور لَونڈی کی آنکھیں اپنی بی بی کے ہاتھ کی
طرف لگی رہتی ہیں
اُسی طرح ہماری آنکھیں خُداوند اپنے خُدا کی
طرف لگی ہیں
جب تک وہ ہم پر رحم نہ کرے۔
3ہم پر رحم کر۔ اَے خُداوند! ہم پر رحم کر۔
کیونکہ ہم ذِلت اُٹھاتے اُٹھاتے تنگ آ گئے۔
4آسُودہ حالوں کے تمسخُر
اور مغرُوروں کی حقارت سے
ہماری جان سیر ہو گئی۔
خُدا اپنے لوگوں کی پناہ
معلوت یعنی ہَیکل کی زِیارت کا گِیت۔ داؤُد کا۔
1اب اِسرائیل یُوں کہے۔
اگر خُداوند ہماری طرف نہ ہوتا۔
2اگر خُداوند اُس وقت ہماری طرف نہ ہوتا
جب لوگ ہمارے خِلاف اُٹھے
3تو جب اُن کا قہر ہم پر بھڑکا تھا
وہ ہم کو جِیتا ہی نِگل جاتے۔
4اُس وقت پانی ہم کو ڈبو دیتا
اور سَیلاب ہماری جان پر سے گُذر جاتا۔
5اُس وقت مَوجزن پانی ہماری جان پر سے گُذر جاتا۔
6خُداوند مُبارک ہو۔
جِس نے ہمیں اُن کے دانتوں کا شِکار نہ
ہونے دِیا۔
7ہماری جان چِڑیا کی مانِند چِڑیماروں کے جال
سے بچ نِکلی۔
جال تو ٹُوٹ گیا اور ہم بچ نِکلے۔
8ہماری مدد خُداوند کے نام سے ہے
جِس نے آسمان اور زمِین کو بنایا۔
خُدا کے لوگوں کے تحفُّظ کی ضمانت
معلوت یعنی ہَیکل کی زِیارت کا گِیت۔
1جو خُداوند پر توکُّل کرتے ہیں
وہ کوہِ صِیُّون کی مانِند ہیں جو اٹل بلکہ ہمیشہ
قائِم ہے۔
2جَیسے یروشلِیم پہاڑوں سے گِھرا ہے
وَیسے ہی اب سے ابد تک
خُداوند اپنے لوگوں کو گھیرے رہے گا۔
3کیونکہ شرارت کا عصا صادِقوں کی مِیراث پر قائِم
نہ ہو گا
تاکہ صادِق بدکاری کی طرف اپنے ہاتھ
نہ بڑھائیں۔
4اَے خُداوند! بَھلوں کے ساتھ بھلائی کر
اور اُن کے ساتھ بھی جو راست دِل ہیں۔
5لیکن جو اپنی ٹیڑھی راہوں کی طرف مُڑتے ہیں
اُن کو خُداوند بدکرداروں کے ساتھ نِکال لے
جائے گا۔
اِسرائیل کی سلامتی ہو!
رہائی کی اِلتجا
معلوت یعنی ہَیکل کی زِیارت کا گِیت۔
1جب خُداوند صِیُّون کے اسِیروں کو واپس لایا
تو ہم خواب دیکھنے والوں کی مانِند تھے۔
2اُس وقت ہمارے مُنہ میں ہنسی
اور ہماری زُبان پر راگنی تھی۔
تب قَوموں میں یہ چرچا ہونے لگا
کہ خُداوند نے اِن کے لِئے بڑے بڑے کام
کِئے ہیں۔
3خُداوند نے ہمارے لِئے بڑے بڑے کام کِئے ہیں
اور ہم شادمان ہیں۔
4اَے خُداوند! جنُوب کی ندیوں کی طرح
ہمارے اسِیروں کو واپس لا۔
5جو آنسُوؤں کے ساتھ بوتے ہیں وہ خُوشی کے ساتھ
کاٹیں گے۔
6جو روتا ہُؤا بِیج بونے جاتا ہے
وہ اپنے پُولے لِئے ہُوئے شادمان لَوٹے گا۔
خُدا کی شفقت کے لِئے حمد و ثنا
معلوت یعنی ہَیکل کی زِیارت کا گِیت۔ سُلیمان کا۔
1اگر خُداوند ہی گھر نہ بنائے
تو بنانے والوں کی مِحنت عبث ہے۔
اگر خُداوند ہی شہر کی حِفاظت نہ کرے
تو نِگہبان کا جاگنا عبث ہے۔
2تُمہارے لِئے سویرے اُٹھنا اور دیر میں آرام کرنا
اور مشقّت کی روٹی کھانا عبث ہے
کیونکہ وہ اپنے محبُوب کو تو نِیند ہی میں دے
دیتا ہے۔
3دیکھو! اَولاد خُداوند کی طرف سے مِیراث ہے
اور پیٹ کا پَھل اُسی کی طرف سے اَجر ہے۔
4جوانی کے فرزند اَیسے ہیں
جَیسے زبردست کے ہاتھ میں تِیر۔
5خُوش نصِیب ہے وہ آدمی جِس کا ترکش اُن سے
بھرا ہے۔
جب وہ اپنے دُشمنوں سے پھاٹک پر باتیں
کریں گے
تو شرمِندہ نہ ہوں گے۔
خُداوند کی فرمانبرداری کا اَجر
معلوت یعنی ہَیکل کی زِیارت کا گِیت۔
1مُبارک ہے ہر ایک جو خُداوند سے ڈرتا
اور اُس کی راہوں پر چلتا ہے۔
2تُو اپنے ہاتھوں کی کمائی کھائے گا۔
تُو مُبارک اور سعادت مند ہو گا۔
3تیری بِیوی تیرے گھر کے اندر میوہ دار تاک کی
مانِند ہو گی
اور تیری اَولاد تیرے دسترخوان پر زَیتُون کے
پَودوں کی مانِند۔
4دیکھو! اَیسی برکت اُسی آدمی کو مِلے گی
جو خُداوند سے ڈرتا ہے۔
5خُداوند صِیُّون میں سے تُجھ کو برکت دے
اور تُو عُمر بھر یروشلِیم کی بھلائی دیکھے۔
6بلکہ تُو اپنے بچّوں کے بچّے دیکھے۔
اِسرائیلؔ کی سلامتی ہو!
اِسرائیلؔ کے دُشمنوں کے خِلاف دُعا
معلوت یعنی ہَیکل کی زِیارت کا گِیت۔
1اِسرائیل اب یُوں کہے
اُنہوں نے میری جوانی سے اب تک مُجھے بار
بار ستایا۔
2ہاں اُنہوں نے میری جوانی سے اب تک مُجھے
بار بار ستایا
تَو بھی وہ مُجھ پر غالب نہ آئے۔
3ہلواہوں نے میری پِیٹھ پر ہل چلائے
اور لمبی لمبی ریگھارِیاں بنائِیں۔
4خُداوند صادِق ہے۔
اُس نے شرِیروں کی رسِّیاں کاٹ ڈالِیں۔
5صِیُّون سے نفرت رکھنے والے
سب شرمِندہ اور پسپا ہوں۔
6وہ چھت پر کی گھاس کی مانِند ہُوں
جو بڑھنے سے پہلے ہی سُوکھ جاتی ہے۔
7جِس سے فصل کاٹنے والا اپنی مُٹھّی کو
اور پُولے باندھنے والا اپنے دامن کو نہیں بھرتا
8نہ آنے جانے والے یہ کہتے ہیں
کہ تُم پر خُداوند کی برکت ہو۔
ہم خُداوند کے نام سے تُم کو دُعا دیتے ہیں۔
مدد کے لِئے اِلتجا
معلوت یعنی ہَیکل کی زِیارت کا گِیت۔
1اَے خُداوند! مَیں نے گہراؤ میں سے تیرے حضُور
فریاد کی ہے۔
2اَے خُداوند! میری آواز سُن لے۔
میری اِلتجا کی آواز پر
تیرے کان لگے رہیں۔
3اَے خُداوند! اگر تُو بدکاری کو حِساب میں لائے
تو اَے خُداوند! کَون قائِم رہ سکے گا؟
4پر مغفرت تیرے ہاتھ میں ہے
تاکہ لوگ تُجھ سے ڈریں۔
5مَیں خُداوند کا اِنتظار کرتا ہُوں۔ میری جان مُنتظِر ہے
اور مُجھے اُس کے کلام پر اِعتماد ہے۔
6صُبح کا اِنتظار کرنے والوں سے زِیادہ۔
ہاں صُبح کا اِنتظار کرنے والوں سے کہیں زِیادہ
میری جان خُداوند کی مُنتظِر ہے۔
7اَے اِسرائیل! خُداوند پر اِعتماد کر
کیونکہ خُداوند کے ہاتھ میں شفقت ہے۔
اُسی کے ہاتھ میں فِدیہ کی کثرت ہے
8اور وُہی اِسرائیل کا فِدیہ دے کر
اُس کو ساری بدکاری سے چُھڑائے گا۔
حلِیمی سے توکُّل رکھنے کی دُعا
معلوت یعنی ہَیکل کی زِیارت کا گِیت۔ داؤُد کا۔
1اَے خُداوند! میرا دِل مغرُور نہیں اور مَیں بُلند نظر
نہیں ہُوں
نہ مُجھے بڑے بڑے مُعاملوں سے کوئی سروکار ہے
نہ اُن باتوں سے جو میری سمجھ سے باہر ہیں۔
2یقِیناً مَیں نے اپنے دِل کو تسکِین دے کر مُطمِئن
کر دِیا ہے۔
میرا دِل مُجھ میں دُودھ چُھڑائے ہُوئے بچّے کی
مانِند ہے۔
ہاں جَیسے دُودھ چُھڑایا ہُؤا بچّہ ماں کی گود میں۔
3اَے اِسرائیل! اب سے ابد تک
خُداوند پر اِعتماد کر۔
ہَیکل کی تعرِیف و تَوصیِف
معلوت یعنی ہَیکل کی زِیارت کا گِیت۔
1اَے خُداوند! داؤُد کی خاطِر
اُس کی سب مُصِیبتوں کو یاد کر
2کہ اُس نے کِس طرح خُداوند سے قَسم کھائی
اور یعقُوب کے قادِر کے حضُور مَنّت مانی
3کہ یقِیناً مَیں نہ اپنے گھر میں داخِل ہُوں گا
نہ اپنے پلنگ پر جاؤُں گا
4اور نہ اپنی آنکھوں میں نِیند
نہ اپنی پلکوں میں جھپکی آنے دُوں گا
5جب تک خُداوند کے لِئے کوئی جگہ
اور یعقُوب کے قادِر کے لِئے مسکن نہ ہو۔
6دیکھو ہم نے اِس کی خبر اِفراتا میں سُنی۔
ہمیں یہ جنگل کے مَیدان میں مِلی۔
7ہم اُس کے مسکنوں میں داخِل ہوں گے۔
ہم اُس کے پاؤں کی چَوکی کے سامنے سِجدہ
کریں گے۔
8اُٹھ اَے خُداوند! اپنی آرام گاہ میں داخِل ہو۔
تُو اور تیری قُدرت کا صندُوق۔
9تیرے کاہِن صداقت سے مُلبّس ہوں
اور تیرے مُقدّس خُوشی کے نعرے ماریں۔
10اپنے بندہ داؤُد کی خاطِر
اپنے ممسُوح کی دُعا نامنظُور نہ کر۔
11خُداوند نے سچّائی کے ساتھ داؤُد سے قَسم کھائی ہے۔
وہ اُس سے پِھرنے کا نہیں
کہ مَیں تیری اَولاد میں سے کِسی کو تیرے تخت
پر بِٹھاؤُں گا۔
12اگر تیرے فرزند میرے عہد اور میری شہادت پر
جو مَیں اُن کو سِکھاؤُں گا عمل کریں
تو اُن کے فرزند بھی ہمیشہ تیرے تخت پر
بَیٹھیں گے۔
13کیونکہ خُداوند نے صِیُّون کو چُنا ہے۔
اُس نے اُسے اپنے مسکن کے لِئے پسند کِیا ہے۔
14یہ ہمیشہ کے لِئے میری آرام گاہ ہے۔
مَیں یہیں رہُوں گا کیونکہ مَیں نے اِسے پسند
کِیا ہے۔
15مَیں اِس کے رِزق میں خُوب برکت دُوں گا۔
مَیں اِس کے غرِیبوں کو روٹی سے سیر کرُوں گا۔
16اِس کے کاہِنوں کو بھی مَیں نجات سے مُلبّس
کرُوں گا۔
اور اُس کے مُقدّس بُلند آواز سے خُوشی کے نعرے
ماریں گے۔
17وہِیں مَیں داؤُد کے لِئے ایک سِینگ نِکالُوں گا۔
مَیں نے اپنے ممسُوح کے لِئے چراغ تیّار
کِیا ہے۔
18مَیں اُس کے دُشمنوں کو شرمِندگی کا لِباس پہناؤُں گا
لیکن اُس پر اُسی کا تاج رَونق افروز ہو گا۔
صُلح سلامتی سے رہنے کے لِئے سِتایش
معلوت یعنی ہَیکل کی زِیارت کا گِیت۔ داؤُدکا۔
1دیکھو! کَیسی اچھّی اور خُوشی کی بات ہے
کہ بھائی باہم مِل کر رہیں۔
2یہ اُس بیش قِیمت تیل کی مانِند ہے جو سر پر لگایا گیا
اور بہتا ہُؤا داڑھی پر
یعنی ہارُون کے داڑھی پر آ گیا
بلکہ اُس کے پَیراہن کے دامن تک جا پُہنچا۔
3یا حرمُون کی اَوس کی مانِند ہے
جو صِیُّون کے پہاڑوں پر پڑتی ہے
کیونکہ وہِیں خُداوند نے برکت کا
یعنی ہمیشہ کی زِندگی کا حُکم فرمایا۔
خُدا کی حمد و ثنا کے لِئے پُکار
معلوت یعنی ہَیکل کی زِیارت کا گِیت۔
1اَے خُداوند کے بندو! آؤ سب خُداوند کو مُبارک کہو۔
تُم جو رات کو خُداوند کے گھر میں کھڑے رہتے ہو!
2مَقدِس کی طرف اپنے ہاتھ اُٹھاؤ
اور خُداوند کو مُبارک کہو۔
3خُداوند جِس نے آسمان اور زمِین کو بنایا
صِیُّون میں سے تُجھے برکت بخشے۔
حمد و سِتایش کا گِیت
1خُداوند کی حمد کرو۔
خُداوند کے نام کی حمد کرو۔
اَے خُداوند کے بندو! اُس کی حمد کرو۔
2تُم جو خُداوند کے گھر میں
ہمارے خُدا کے گھر کی بارگاہوں میں کھڑے
رہتے ہو۔
3خُداوند کی حمد کرو کیونکہ خُداوند بَھلا ہے۔
اُس کے نام کی مدح سرائی کرو کہ یہ دِل پسند
ہے۔
4کیونکہ خُداوند نے یعقُوب کو اپنے لِئے
اور اِسرائیل کو اپنی خاص مِلکیت کے لِئے چُن
لِیا ہے۔
5اِس لِئے کہ مَیں جانتا ہُوں کہ خُداوند بزُرگ ہے
اور ہمارا ربّ سب معبُودوں سے بالاتر ہے۔
6آسمان اور زمِین میں۔ سمُندر اور گہراؤ میں
خُداوند نے جو کُچھ چاہا وُہی کِیا۔
7وہ زمِین کی اِنتہا سے بُخارات اُٹھاتا ہے۔
وہ بارِش کے لِئے بِجلیاں بناتا ہے
اور اپنے مخزنوں سے آندھی نِکالتا ہے۔
8اُسی نے مِصرؔ کے پہلوٹھوں کو مارا۔
کیا اِنسان کے کیا حَیوان کے۔
9اَے مِصرؔ! اُسی نے تُجھ میں فرِعونؔ اور اُس کے
سب خادِموں پر
نِشان اور عجائِب ظاہِر کِئے۔
10اُس نے بُہت سی قَوموں کو مارا
اور زبردست بادشاہوں کو قتل کِیا۔
11امورِیوں کے بادشاہ سِیحون کو
اور بسن کے بادشاہ عوج کو
اور کنعانؔ کی سب ممُلِکتوں کو
12اور اُن کی زمِین مِیراث کر دی
یعنی اپنی قَوم اِسرائیل کی مِیراث۔
13اَے خُداوند! تیرا نام ابدی ہے
اور تیری یادگار اَے خُداوند پُشت در پُشت
قائِم ہے۔
14کیونکہ خُداوند اپنی قَوم کی عدالت کرے گا
اور اپنے بندوں پر ترس کھائے گا۔
15قَوموں کے بُت چاندی اور سونا ہیں
یعنی آدمی کی دست کاری۔
16اُن کے مُنہ ہیں پر وہ بولتے نہیں۔
آنکھیں ہیں پر وہ دیکھتے نہیں۔
17اُن کے کان ہیں پر وہ سُنتے نہیں
اور اُن کے مُنہ میں سانس نہیں۔
18اُن کے بنانے والے اُن ہی کی مانِند ہو جائیں گے۔
بلکہ وہ سب جو اُن پر بھروسا رکھتے ہیں۔
19اَے اِسرائیل کے گھرانے! خُداوند کو مُبارک کہو۔
اَے ہارُون کے گھرانے! خُداوند کو مُبارک کہو۔
20اَے لاوی کے گھرانے! خُداوند کو مُبارک کہو۔
اَے خُداوند سے ڈرنے والو! خُداوند کو مُبارک کہو۔
21صِیُّون میں خُداوند مُبارک ہو۔
وہ یروشلِیم میں سکُونت کرتا ہے۔
خُداوند کی حمد کرو۔
شُکرگُذاری کا گِیت
1خُداوند کا شُکر کرو کیونکہ وہ بھلا ہے
کہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
2اِلہٰوں کے خُدا کا شُکر کرو
کہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
3مالِکوں کے مالِک کا شُکر کرو
کہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
4اُسی کا جو اکیلا بڑے بڑے عجِیب کام کرتا ہے
کہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
5اُسی کا جِس نے دانائی سے آسمان بنایا
کہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
6اُسی کا جِس نے زمِین کو پانی پر پَھیلایا
کہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
7اُسی کا جِس نے بڑے بڑے نیّر بنائے
کہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
8دِن کو حُکُومت کرنے کے لِئے آفتاب
کہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
9رات کو حُکُومت کرنے لِئے ماہتاب اور سِتارے
کہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
10اُسی کا جِس نے مِصرؔ کے پہلوٹھوں کو مارا
کہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
11اور اِسرائیل کو اُن میں سے نِکال لایا
کہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
12قوّی ہاتھ اور بُلند بازُو سے
کہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
13اُسی کا جِس نے بحرِ قُلزم کو دو حِصّے کر دِیا
کہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
14اور اِسرائیل کو اُس میں سے پار کِیا
کہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
15لیکن فرِعونؔ اور اُس کے لشکر کو بحرِ قُلزؔم میں ڈال دِیا
کہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
16اُسی کا جو بیابان میں اپنے لوگوں کا راہنما ہُؤا
کہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
17اُسی کا جِس نے بڑے بڑے بادشاہوں کو مارا
کہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
18اور نامور بادشاہوں کو قتل کِیا
کہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
19امورِیوں کے بادشاہ سِیحوؔن کو
کہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
20اور بسن کے بادشاہ عوج کو
کہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
21اور اُن کی زمِین مِیراث کر دی
کہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
22یعنی اپنے بندہ اِسرائیل کی مِیراث
کہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
23جِس نے ہماری پستی میں ہم کو یاد کِیا
کہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
24اور ہمارے مُخالِفوں سے ہم کو چُھڑایا
کہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
25جو سب بشر کو روزی دیتا ہے
کہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
26آسمان کے خُدا کا شُکر کرو
کہ اُس کی شفقت ابدی ہے۔
اسِیر اِسرائیلیوں کا نَوحہ
1ہم بابل کی ندیوں پر بَیٹھے
اور صِیُّون کو یاد کر کے روئے۔
2وہاں بید کے درختوں پر اُن کے وسط میں
ہم نے اپنی سِتاروں کو ٹانگ دِیا۔
3کیونکہ وہاں ہم کو اسِیر کرنے والوں نے گِیت گانے
کا حُکم دِیا
اور تباہ کرنے والوں نے خُوشی کرنے کا
اور کہا صِیُّون کے گِیتوں میں سے ہم کو کوئی
گِیت سناؤ۔
4ہم پردیس میں
خُداوند کا گِیت کَیسے گائیں؟
5اَے یروشلِیم! اگر مَیں تُجھے بُھولُوں
تو میرا دہنا ہاتھ اپنا ہُنر بُھول جائے۔
6اگر مَیں تُجھے یاد نہ رکھُّوں
اگر میں یروشلِیم کو
اپنی بڑی سے بڑی خُوشی پر ترجِیح نہ دُوں
تو میری زُبان میرے تالُو سے چِپک جائے۔
7اَے خُداوند! یروشلِیم کے دِن کو
بنی ادُوم کے خِلاف یاد کر
جو کہتے تھے اِسے ڈھا دو۔
اِسے بُنیاد تک ڈھا دو۔
8اَے بابل کی بیٹی! جو ہلاک ہونے والی ہے
وہ مُبارک ہو گا جو تُجھے اُس سلُوک کا
جو تُو نے ہم سے کِیا بدلہ دے
9وہ مُبارک ہو گا جو تیرے بچّوں کو لے کر
چٹان پر پٹک دے۔
شُکرگُذاری کا گِیت
داؤُد کا مزمُور۔
1مَیں پُورے دِل سے تیرا شُکر کرُوں گا۔
معبُودوں کے سامنے تیری مدح سرائی کرُوں گا۔
2مَیں تیری مُقدّس ہَیکل کی طرف رُخ کر کے سِجدہ کرُوں گا
اور تیری شفقت اور سچّائی کی خاطِر تیرے نام کا شُکر کرُوں گا
کیونکہ تُو نے اپنے کلام کو اپنے ہر نام سے زِیادہ عظمت دی ہے۔
3جِس دِن مَیں نے تُجھ سے دُعا کی تُو نے مُجھے جواب دِیا
اور میری جان کو تقوِیت دے کر میرا حَوصلہ بڑھایا۔
4اَے خُداوند! زمِین کے سب بادشاہ تیرا شُکر کریں گے
کیونکہ اُنہوں نے تیرے مُنہ کا کلام سُنا ہے۔
5بلکہ وہ خُداوند کی راہوں کا گِیت گائیں گے
کیونکہ خُداوند کا جلال بڑا ہے۔
6کیونکہ خُداوند اگرچہ بُلند و بالا ہے تَو بھی خاکسار کا خیال رکھتا ہے۔
لیکن مغرُور کو دُور ہی سے پہچان لیتا ہے۔
7خواہ مَیں دُکھ میں سے گُذروں تُو مُجھے تازہ دَم کرے گا۔
تُو میرے دُشمنوں کے قہر کے خِلاف ہاتھ بڑھائے گا۔
اور تیرا دہنا ہاتھ مُجھے بچا لے گا۔
8خُداوند میرے لِئے سب کُچھ کرے گا۔
اَے خُداوند! تیری شفقت ابدی ہے۔
اپنی دست کاری کو ترک نہ کر۔
خُدا کی ہمہ دانی اور نِگہداشت
مِیر مُغنّی کے لِئے داؤُد کا مزمُور۔
1اَے خُداوند! تُو نے مُجھے جانچ لِیا اور پہچان لِیا۔
2تُو میرا اُٹھنا بَیٹھنا جانتا ہے۔
تُو میرے خیال کو دُور سے سمجھ لیتا ہے۔
3تُو میرے راستہ کی اور میری خواب گاہ کی چھان بِین کرتا ہے
اور میری سب روِشوں سے واقِف ہے۔
4دیکھ! میری زُبان پر کوئی اَیسی بات نہیں
جِسے تُو اَے خُداوند! پُورے طَور پر نہ جانتا ہو۔
5تُو نے مُجھے آگے پِیچھے سے گھیر رکھّا ہے
اور تیرا ہاتھ مُجھ پر ہے۔
6یہ عِرفان میرے لِئے نہایت عجِیب ہے۔
یہ بُلند ہے۔ مَیں اِس تک پُہنچ نہیں سکتا۔
7مَیں تیری رُوح سے بچ کر کہاں جاؤُں
یا تیری حضُوری سے کِدھر بھاگُوں؟
8اگر آسمان پر چڑھ جاؤُں تو تُو وہاں ہے۔
اگر مَیں پاتال میں بِستر بِچھاؤُں تو دیکھ! تُو وہاں بھی ہے۔
9اگر مَیں صُبح کے پر لگا کر
سمُندر کی اِنتہا میں جا بسُوں
10تو وہاں بھی تیرا ہاتھ میری راہنمائی کرے گا
اور تیرا دہنا ہاتھ مُجھے سنبھالے گا۔
11اگر مَیں کہُوں کہ یقِیناً تارِیکی مُجھے چِھپا لے گی
اور میری چاروں طرف کا اُجالا رات بن جائے گا
12تو اندھیرا بھی تُجھ سے چِھپا نہیں سکتا۔
بلکہ رات بھی دِن کی مانِند رَوشن ہے۔
اندھیرا اور اُجالا دونوں یکساں ہیں۔
13کیونکہ میرے دِل کو تُو ہی نے بنایا۔
میری ماں کے پیٹ میں تُو ہی نے مُجھے صُورت بخشی۔
14مَیں تیرا شُکر کرُوں گا کیونکہ مَیں عجِیب و غرِیب طَور سے بنا ہُوں
تیرے کام حَیرت انگیز ہیں۔
میرا دِل اِسے خُوب جانتا ہے۔
15جب مَیں پوشِیدگی میں بن رہا تھا
اور زمِین کے اسفل میں عجِیب طَور سے مُرتّب ہو رہا تھا
تو میرا قالِب تُجھ سے چِھپا نہ تھا۔
16تیری آنکھوں نے میرے بے ترتِیب مادّے کو دیکھا
اور جو ایّام میرے لِئے مقرّر تھے
وہ سب تیری کِتاب میں لِکھے تھے۔
جب کہ ایک بھی وجُود میں نہ آیا تھا۔
17اَے خُدا! تیرے خیال میرے لِئے کَیسے بیش بہا ہیں۔
اُن کا مجمُوعہ کَیسا بڑا ہے!
18اگر مَیں اُن کو گِنُوں تو وہ شُمار میں ریت سے بھی زِیادہ ہیں۔
جاگ اُٹھتے ہی تُجھے اپنے ساتھ پاتا ہُوں۔
19اَے خُدا! کاش کہ تُو شرِیر کو قتل کرے۔
اِس لِئے اَے خُون خوارو! میرے پاس سے دُور ہو جاؤ۔
20کیونکہ وہ شرارت سے تیرے خِلاف باتیں کرتے ہیں
اور تیرے دُشمن تیرا نام بے فائِدہ لیتے ہیں۔
21اَے خُداوند! کیا مَیں تُجھ سے عداوت رکھنے والوں سے عداوت نہیں رکھتا
اور کیا مَیں تیرے مُخالِفوں سے بیزار نہیں ہُوں؟
22مُجھے اُن سے پُوری عداوت ہے۔
مَیں اُن کو اپنے دُشمن سمجھتا ہُوں۔
23اَے خُدا! تُو مُجھے جانچ اور میرے دِل کو پہچان۔
مُجھے آزما اور میرے خیالوں کو جان لے
24اور دیکھ کہ مُجھ میں کوئی بُری روِش تو نہیں
اور مُجھ کو ابدی راہ میں لے چل۔
مُحافِظت کے لِئے اِلتجا
مِیر مُغنّی کے لِئے داؤُد کا مزمُور۔
1اَے خُداوند! مُجھے بُرے آدمی سے رہائی بخش۔
مُجھے تُند خُو آدمی سے محفُوظ رکھ۔
2جو دِل میں شرارت کے منصُوبے باندھتے ہیں
وہ ہمیشہ مِل کر جنگ کے لِئے جمع ہو جاتے ہیں۔
3اُنہوں نے اپنی زُبان سانپ کی طرح تیز کر رکھّی ہے۔
اُن کے ہونٹوں کے نِیچے افعی کا زہر ہے۔ (سِلاہ)
4اَے خُداوند! مُجھے شرِیر کے ہاتھ سے بچا۔
مُجھے تُند خُو آدمی سے محفُوظ رکھ
جِن کا اِرادہ ہے کہ میرے پاؤں اُکھاڑ دیں۔
5مغرُوروں نے میرے لِئے پھندے اور رسِیّوں کو چِھپایا ہے۔
اُنہوں نے راہ کے کنارے جال لگایا ہے۔
اُنہوں نے میرے لِئے دام بِچھا رکھّے ہیں۔
(سِلاہ)
6مَیں نے خُداوند سے کہا میرا خُدا تُو ہی ہے۔
اَے خُداوند! میری اِلتجا کی آواز پر کان لگا۔
7اَے خُداوند میرے مالِک! اَے میری نجات کی قُوّت
تُو نے جنگ کے دِن میرے سر پر سایہ کِیا ہے۔
8اَے خُداوند! شرِیر کی مُراد پُوری نہ کر۔
اُس کے بُرے منصُوبہ کو انجام نہ دے تاکہ وہ ڈِینگ نہ مارے۔ (سِلاہ)
9مُجھے گھیرنے والوں کے مُنہ کی شرارت
اُن ہی کے سر پر پڑے۔
10اُن پر انگارے گِریں۔
وہ آگ میں ڈالے جائیں
اور اَیسے گڑھوں میں کہ پِھر نہ اُٹھیں۔
11بدزُبان آدمی کو زمِین پر قِیام نہ ہو گا۔
آفت تندخُو آدمی کو رگید کر ہلاک کرے گی۔
12مَیں جانتا ہُوں کہ خُداوند مُصِیبت زدہ کے مُعاملہ کی
اور مُحتاج کے حق کی تائید کرے گا۔
13یقِیناً صادِق تیرے نام کا شُکر کریں گے
اور راست باز تیرے حضُور میں رہیں گے۔
شام کی دُعا
داؤُد کا مزمُور۔
1اَے خُداوند! مَیں نے تیری دُہائی دی ہے۔ میری طرف جلد آ۔
جب مَیں تُجھ سے دُعا کرُوں تُو میری آواز پر کان لگا۔
2میری دُعا تیرے حضُور بخُور کی مانِند ہو
اور میرا ہاتھ اُٹھانا شام کی قُربانی کی مانِند۔
3اَے خُداوند! میرے مُنہ پر پہرا بِٹھا۔
میرے لبوں کے دروازہ کی نِگہبانی کر۔
4میرے دِل کو کِسی بُری بات کی طرف مائِل نہ ہونے دے
کہ بدکاروں کے ساتھ مِل کر
شرارت کے کاموں میں مصرُوف ہو جائے
اور مُجھے اُن کے نفِیس کھانے سے باز رکھ۔
5صادِق مُجھے مارے تو مہربانی ہو گی۔
وہ مُجھے تنبِیہ کرے تو گویا سر پر رَوغن ہو گا۔
میرا سر اِس سے اِنکار نہ کرے
کیونکہ اُن کی شرارت میں بھی مَیں دُعا کرتا رہُوں گا۔
6اُن کے حاکِم چٹان کے کناروں پر سے گِرا دِئیے گئے ہیں
اور وہ میری باتیں سُنیں گے کیونکہ یہ شِیرِین ہیں۔
7جَیسے کوئی ہل چلا کر زمِین کو توڑتا ہے
وَیسے ہی ہماری ہڈِّیاں پاتال کے مُنہ پر بِکھری پڑی ہیں۔
8کیونکہ اَے مالِک خُداوند! میری آنکھیں تیری طرف ہیں۔
میرا توکُّل تُجھ پر ہے۔ میری جان کو بیکس نہ چھوڑ۔
9مُجھے اُس پھندے سے جو انہوں نے میرے لِئے لگایا ہے
اور بدکرداروں کے دام سے بچا۔
10شرِیر آپ اپنے جال میں پھنسیں
اور مَیں سلامت بچ نِکلُوں۔
مدد کے لِئے مُناجات
داؤُد کا مشکِیل جب وہ غار میں تھا۔ دُعا۔
1مَیں اپنی آواز بُلند کر کے خُداوند سے فریاد کرتا ہُوں۔
مَیں اپنی ہی آواز سے خُداوند سے مِنّت کرتا ہُوں۔
2مَیں اُس کے حضُور فریاد کرتا ہُوں۔
مَیں اپنا دُکھ اُس کے حضُور بیان کرتا ہُوں۔
3جب مُجھ میں میری جان نِڈھال تھی تُو میری راہ سے واقِف تھا۔
جِس راہ پر مَیں چلتا ہُوں اُس میں اُنہوں نے میرے لِئے پھندا لگایا ہے۔
4دہنی طرف نِگاہ کر اور دیکھ مُجھے کوئی نہیں پہچانتا۔
میرے لِئے کہیں پناہ نہ رہی۔ کِسی کو میری جان کی فِکر نہیں۔
5اَے خُداوند! مَیں نے تُجھ سے فریاد کی۔
مَیں نے کہا تُو میری پناہ ہے
اور زِندوں کی زمِین میں میرا بخرہ۔
6میری فریاد پر توجُّہ کر کیونکہ مَیں نہایت پست ہو گیا ہُوں۔
میرے ستانے والوں سے مُجھے رہائی بخش
کیونکہ وہ مُجھ سے زورآور ہیں۔
7میری جان کو قَید سے نِکال تاکہ تیرے نام کا شُکر کرُوں۔
صادِق میرے گِرد جمع ہوں گے
کیونکہ تُو مُجھ پر اِحسان کرے گا۔
مدد کے لِئے مُناجات
داؤُد کا مزمُور۔
1اَے خُداوند! میری دُعا سُن۔ میری اِلتجا پر کان لگا۔
اپنی وفاداری اور صداقت میں مُجھے جواب دے
2اور اپنے بندہ کو عدالت میں نہ لا
کیونکہ تیری نظر میں کوئی آدمی راست باز نہیں ٹھہر سکتا۔
3اِس لِئے کہ دُشمن نے میری جان کو ستایا ہے۔
اُس نے میری زِندگی کو خاک میں مِلا دِیا
اور مُجھے اندھیری جگہوں میں اُن کی مانِند بسایا ہے
جِن کو مَرے مُدّت ہو گئی ہو۔
4اِسی سبب سے مُجھ میں میری جان نِڈھال ہے
اور میرا دِل مُجھ میں بیکل ہے۔
5مَیں گُذشتہ زمانوں کو یاد کرتا ہُوں۔
مَیں تیرے سب کاموں پر غَور کرتا ہُوں
اور تیری دست کاری پر دِھیان کرتا ہُوں۔
6مَیں اپنے ہاتھ تیری طرف پَھیلاتا ہُوں۔
میری جان خُشک زمِین کی مانِند تیری پیاسی ہے۔
(سِلاہ)
7اَے خُداوند! جلد مُجھے جواب دے۔
میری رُوح گُداز ہو چلی۔
اپنا چہرہ مُجھ سے نہ چِھپا۔
اَیسا نہ ہو کہ مَیں قبر میں اُترنے والوں کی مانِند ہو جاؤُں۔
8صُبح کو مُجھے اپنی شفقت کی خبر دے
کیونکہ میرا توکُّل تُجھ پر ہے۔
مُجھے وہ راہ بتا جِس پر مَیں چلُوں
کیونکہ مَیں اپنا دِل تیری ہی طرف لگاتا ہُوں۔
9اَے خُداوند! مُجھے میرے دُشمنوں سے رہائی بخش
کیونکہ مَیں پناہ کے لِئے تیرے پاس بھاگ آیا ہُوں۔
10مُجھے سِکھا کہ تیری مرضی پر چلُوں اِس لِئے کہ تُو میرا خُدا ہے۔
تیری نیک رُوح مُجھے راستی کے مُلک میں لے چلے۔
11اَے خُداوند! اپنے نام کی خاطِر مُجھے زِندہ کر۔
اپنی صداقت میں میری جان کو مُصِیبت سے نِکال۔
12اپنی شفقت سے میرے دُشمنوں کو کاٹ ڈال
اور میری جان کے سب دُکھ دینے والوں کو ہلاک کر دے
کیونکہ مَیں تیرا بندہ ہُوں۔
بادشاہ فتح کے لِئے خُدا کا شُکر بجا لاتا ہے
داؤُد کا مزمُور۔
1خُداوند میری چٹان مُبارک ہو
جو میرے ہاتھوں کو جنگ کرنا
اور میری اُنگلیوں کو لڑنا سِکھاتا ہے۔
2وہ مُجھ پر شفقت کرنے والا اور میرا قلعہ ہے۔
میرا اُونچا بُرج اور میرا چُھڑانے والا۔
وہ میری سِپر اور میری پناہ گاہ ہے
جو میرے لوگوں کو میرے تابِع کرتا ہے۔
3اَے خُداوند! اِنسان کیا ہے کہ تُو اُسے یاد رکھّے؟
اور آدمؔ زاد کیا ہے کہ تُو اُس کا خیال کرے؟
4اِنسان بُطلان کی مانِند ہے۔
اُس کے دِن ڈھلتے سایہ کی مانِند ہیں۔
5اَے خُداوند! آسمانوں کو جُھکا کر اُتر آ۔
پہاڑوں کو چُھو تو اُن سے دُھواں اُٹھے گا۔
6بِجلی گِرا کر اُن کو پراگندہ کر دے۔
اپنے تِیر چلا کر اُن کو شِکست دے۔
7اُوپر سے ہاتھ بڑھا۔
مُجھے رہائی دے اور بڑے سَیلاب
یعنی پردیسیوں کے ہاتھ سے چُھڑا
8جِن کے مُنہ سے بطالت نِکلتی رہتی ہے
اور جِن کا دہنا ہاتھ جُھوٹ کا دہنا ہاتھ ہے۔
9اَے خُدا! مَیں تیرے لِئے نیا گِیت گاؤُں گا۔
دس تار والی بربط پر مَیں تیری مدح سرائی کرُوں گا۔
10وُہی بادشاہوں کو نجات بخشتا ہے
اور اپنے بندہ داؤُد کو مُہلِک تلوار سے بچاتا ہے۔
11مُجھے بچا اور پردیسیوں کے ہاتھ سے چُھڑا
جِن کے مُنہ سے بطالت نِکلتی رہتی ہے
اور جِن کا دہنا ہاتھ جُھوٹ کا دہنا ہاتھ ہے۔
12جب ہمارے بیٹے جوانی میں قدآور پَودوں کی مانِند ہوں۔
اور ہماری بیٹیاں محلّ کے کونے کے لِئے تراشے ہُوئے پتھّروں کی مانِند ہوں۔
13جب ہمارے کھتّے بھرے ہوں جِن سے ہر قِسم کی جِنس مِل سکے
اور ہماری بھیڑ بکریاں ہمارے کُوچوں میں ہزاروں اور لاکھوں بچّے دیں۔
14جب ہمارے بَیل خُوب لدے ہوں۔
جب نہ رخنہ ہو نہ خرُوج
اور نہ ہمارے کُوچوں میں واوَیلا ہو۔
15مُبارک ہے وہ قَوم جِس کا یہ حال ہے۔
مُبارک ہے وہ قَوم جِس کا خُدا خُداوند ہے۔
حمد و سِتایش کا گِیت
داؤُد کا مزمُور۔ مدح۔
1اَے میرے خُدا! اَے بادشاہ! مَیں تیری تمجِید کرُوں گا
اور ابدُالآباد تیرے نام کو مُبارک کہُوں گا۔
2مَیں ہر روز تُجھے مُبارک کہُوں گا
اور ابدُالآباد تیرے نام کی سِتایش کرُوں گا۔
3خُداوند بزُرگ اور بے حد سِتایش کے لائِق ہے۔
اُس کی بزُرگی اِدراک سے باہر ہے۔
4ایک پُشت دُوسری پُشت سے تیرے کاموں کی تعرِیف
اور تیری قُدرت کے کاموں کا بیان کرے گی۔
5مَیں تیری عظمت کی جلالی شان پر
اور تیرے عجائِب پر غَور کرُوں گا
6اور لوگ تیری قُدرت کے ہَولناک کاموں کا ذِکر کریں گے
اور مَیں تیری بزُرگی بیان کرُوں گا۔
7وہ تیرے بڑے اِحسان کی یادگار کا بیان کریں گے
اور تیری صداقت کا گِیت گائیں گے۔
8خُداوند رحِیم و کرِیم ہے۔
وہ قہر کرنے میں دِھیما اور شفقت میں غنی ہے۔
9خُداوند سب پر مہربان ہے
اور اُس کی رحمت اُس کی ساری مخلُوق پر ہے۔
10اَے خُداوند! تیری ساری مخلُوق تیرا شُکر کرے گی
اور تیرے مُقدّس تُجھے مُبارک کہیں گے۔
11وہ تیری سلطنت کے جلال کا بیان
اور تیری قُدرت کا چرچا کریں گے۔
12تاکہ بنی آدمؔ پر اُس کی قُدرت کے کاموں کو
اور اُس کی سلطنت کے جلال کی شان کو ظاہِر کریں۔
13تیری سلطنت ابدی سلطنت ہے
اور تیری حُکُومت پُشت در پُشت۔
14خُداوند گِرتے ہُوئے کو سنبھالتا
اور جُھکے ہُوئے کو اُٹھا کھڑا کرتا ہے۔
15سب کی آنکھیں تُجھ پر لگی ہیں۔
تُو اُن کو وقت پر اُن کی خُوراک دیتا ہے۔
16تُو اپنی مُٹھّی کھولتا ہے
اور ہر جاندار کی خواہش پُوری کرتا ہے۔
17خُداوند اپنی سب راہوں میں صادِق
اور اپنے سب کاموں میں رحِیم ہے۔
18خُداوند اُن سب کے قرِیب ہے جو اُس سے دُعا کرتے ہیں۔
یعنی اُن سب کے جو سچّائی سے دُعا کرتے ہیں۔
19جو اُس سے ڈرتے ہیں وہ اُن کی مُراد پُوری کرے گا۔
وہ اُن کی فریاد سُنے گا اور اُن کو بچا لے گا۔
20خُداوند اپنے سب مُحبّت رکھنے والوں کی حِفاظت کرے گا
لیکن سب شرِیروں کو ہلاک کر ڈالے گا۔
21میرے مُنہ سے خُداوند کی سِتایش ہو گی
اور ہر بشر اُس کے پاک نام کو ابدُالآباد مُبارک کہے۔
بچانے والے خُدا کی حمد
1خُداوند کی حمد کرو!
اَے میری جان خُداوند کی حمد کر!
2مَیں عُمر بھر خُداوند کی حمد کرُوں گا۔
جب تک میرا وجُود ہے مَیں اپنے خُدا کی مدح سرائی کرُوں گا۔
3نہ اُمرا پر بھروسا کرو نہ آدمؔ زاد پر۔
وہ بچا نہیں سکتا۔
4اُس کا دَم نِکل جاتا ہے تو وہ مِٹّی میں مِل جاتا ہے۔
اُسی دِن اُس کے منصُوبے فنا ہو جاتے ہیں۔
5خُوش نصِیب ہے وہ جِس کا مددگار یعقُوب کا خُدا ہے
اور جِس کی اُمّید خُداوند اُس کے خُدا سے ہے
6جِس نے آسمان اور زمِین اور سمُندر کو
اور جو کُچھ اُن میں ہے بنایا۔
جو سچّائی کو ہمیشہ قائِم رکھتا ہے۔
7جو مظلُوموں کا اِنصاف کرتا ہے۔
جو بُھوکوں کو کھانا دیتا ہے۔
خُداوند قَیدِیوں کو آزاد کرتا ہے۔
8خُداوند اندھوں کی آنکھیں کھولتا ہے۔
خُداوند جُھکے ہُوئے کو اُٹھا کھڑا کرتا ہے۔
خُداوند صادِقوں سے مُحبّت رکھتا ہے۔
9خُداوند پردیسیوں کی حِفاظت کرتا ہے۔
وہ یتِیم اور بیوہ کو سنبھالتا ہے
لیکن شرِیروں کی راہ ٹیڑھی کر دیتا ہے۔
10خُداوند ابد تک سلطنت کرے گا۔
اَے صِیُّون! تیرا خُدا پُشت در پُشت۔
خُداوند کی حمد کرو۔
قادرِ مُطلق خُدا کی حمد
1خُداوند کی حمد کرو
کیونکہ خُدا کی مدح سرائی کرنا بھلا ہے۔
اِس لِئے کہ یہ دِل پسند اور سِتایش زیبا ہے۔
2خُداوند یروشلِیم کو تعمِیر کرتا ہے۔
وہ اِسرائیل کے جلاوطنوں کو جمع کرتا ہے۔
3وہ شِکستہ دِلوں کو شِفا دیتا ہے
اور اُن کے زخم باندھتا ہے۔
4وہ سِتاروں کو شُمار کرتا ہے
اور اُن سب کے نام رکھتا ہے۔
5ہمارا خُداوند بزُرگ اور قُدرت میں عظِیم ہے۔
اُس کے فہم کی اِنتہا نہیں۔
6خُداوند حلِیموں کو سنبھالتا ہے۔
وہ شرِیروں کو خاک میں مِلا دیتا ہے۔
7خُداوند کے حضُور شُکرگُذاری کا گِیت گاؤ۔
سِتار پر ہمارے خُدا کی مدح سرائی کرو۔
8جو آسمان کو بادلوں سے مُلبّس کرتا ہے۔
جو زمِین کے لِئے مینہہ تیّار کرتا ہے۔
جو پہاڑوں پر گھاس اُگاتا ہے۔
9جو حَیوانات کو خُوراک دیتا ہے
اور کوّے کے بچّوں کو جو کائیں کائیں کرتے ہیں۔
10گھوڑے کے زور میں اُس کی خُوشنُودی نہیں۔
نہ آدمی کی ٹانگوں سے اُسے کوئی خُوشی ہے۔
11خُداوند اُن سے خُوش ہے جو اُس سے ڈرتے ہیں
اور اُن سے جو اُس کی شفقت کے اُمیدوار ہیں۔
12اَے یروشلِیم! خُداوند کی سِتایش کر۔
اَے صِیُّون! اپنے خُدا کی سِتایش کر۔
13کیونکہ اُس نے تیرے پھاٹکوں کے بینڈوں کو مضبُوط کِیا ہے۔
اُس نے تیرے اندر تیری اَولاد کو برکت دی ہے۔
14وہ تیری حدُود میں امن رکھتا ہے۔
وہ تُجھے اچھّے سے اچھّے گیہُوں سے آسُودہ کرتا ہے۔
15وہ اپنا حُکم زمِین پر بھیجتا ہے۔
اُس کا کلام نہایت تیز رَو ہے۔
16وہ برف کو اُون کی مانِند گِراتا ہے۔
اور پالے کو راکھ کی مانِند بکھیرتا ہے۔
17وہ یخ کو لُقموں کی مانِند پھینکتا ہے۔
اُس کی ٹھنڈ کون سہہ سکتا ہے؟
18وہ اپنا کلام نازِل کر کے اُن کو پِگھلا دیتا ہے۔
وہ ہوا چلاتا ہے اور پانی بہنے لگتا ہے۔
19وہ اپنا کلام یعقُوب پر ظاہِر کرتا ہے
اور اپنے آئِین و احکام اِسرائیل پر۔
20اُس نے کِسی اَور قَوم سے اَیسا سلُوک نہیں کِیا
اور اُس کے احکام کو اُنہوں نے نہیں جانا۔
خُداوند کی حمد کرو۔
کائنات کو خُدا کی حمد کرنے کی تاکِید
1خُداوند کی حمد کرو۔
آسمان پر سے خُداوند کی حمد کرو۔
بُلندیوں پر اُس کی حمد کرو۔
2اَے اُس کے فرِشتو! سب اُس کی حمد کرو۔
اَے اُس کے لشکرو! سب اُس کی حمد کرو۔
3اَے سُورج! اَے چاند! اُس کی حمد کرو۔
اَے نُورانی سِتارو! سب اُس کی حمد کرو۔
4اَے فلکُ الافلاک! اُس کی حمد کرو۔
اور تُو بھی اَے فضا پر کے پانی!
5یہ سب خُداوند کے نام کی حمد کریں۔
کیونکہ اُس نے حُکم دِیا اور یہ پَیدا ہو گئے۔
6اُس نے اِن کو ابدُالآباد کے لِئے قائِم کِیا ہے۔
اُس نے اٹل قانُون مُقرّر کر دِیا ہے۔
7زمِین پر سے خُداوند کی حمد کرو۔
اَے اژدہاؤ اور سب گہرے سمُندرو!
8اَے آگ اور اَولو! اَے برف اور کُہر!
اَے طُوفانی ہوا! جو اُس کے کلام کی تعمِیل کرتی ہے۔
9اَے پہاڑو اور سب ٹِیلو!
اَے میوہ دار درختو اور سب دیودارو!
10اَے جانورو اور سب چَوپایو!
اَے رینگنے والو اور پرِندو!
11اَے زمِین کے بادشاہو اور سب اُمّتو!
اَے اُمرا اور زمِین کے سب حاکِمو!
12اَے نَوجوانو اور کُنوارِیو!
اَے بُڈّھو اور بچّو!
13یہ سب خُداوند کے نام کی حمد کریں۔
کیونکہ صِرف اُسی کا نام مُمتاز ہے۔
اُس کا جلال زمِین اور آسمان سے بُلند ہے۔
14اور اُس نے اپنے سب مُقدّسوں
یعنی اپنی مُقرّب قَوم بنی اِسرائیل کے فخر کے لِئے
اپنی قَوم کا سِینگ بُلند کِیا۔
خُداوند کی حمد کرو۔
حمد و سِتایش کا گِیت
1خُداوند کی حمد کرو۔
خُداوند کے حضُور نیا گِیت گاؤ
اور مُقدّسوں کے مجمع میں اُس کی مدح سرائی کرو۔
2اِسرائیل اپنے خالِق میں شادمان رہے۔
فرزندانِ صِیُّون اپنے بادشاہ کے سبب سے شادمان ہوں۔
3وہ ناچتے ہُوئے اُس کے نام کی سِتایش کریں۔
وہ دَف اور سِتار پر اُس کی مدح سرائی کریں۔
4کیونکہ خُداوند اپنے لوگوں سے خُوشنُود رہتا ہے۔
وہ حلِیموں کو نجات سے زِینت بخشے گا۔
5مُقدّس لوگ جلال پر فخر کریں۔
وہ اپنے بِستروں پر خُوشی سے نغمہ سرائی کریں۔
6اُن کے مُنہ میں خُدا کی تمجِید
اور ہاتھ میں دو دھاری تلوار ہو
7تاکہ قَوموں سے اِنتقام لیں
اور اُمّتوں کو سزا دیں۔
8اُن کے بادشاہوں کو زنجِیروں سے جکڑیں
اور اُن کے سرداروں کو لوہے کی بیڑیاں پہنائیں
9تاکہ اُن کو وہ سزا دیں جو مرقُوم ہے۔
اُس کے سب مُقدّسوں کو یہ شرف حاصِل ہے۔
خُداوند کی حمد کرو۔
خُداوند کی حمد کرو
1خُداوند کی حمد کرو۔
تُم خُدا کے مَقدِس میں اُس کی حمد کرو۔
اُس کی قُدرت کے فلک پر اُس کی حمد کرو۔
2اُس کی قُدرت کے کاموں کے سبب سے اُس کی حمد کرو۔
اُس کی بڑی عظمت کے مُطابِق اُس کی حمد کرو۔
3نرسِنگے کی آواز کے ساتھ اُس کی حمد کرو۔
بربط اور سِتار پر اُس کی حمد کرو۔
4دَف بجاتے اور ناچتے ہُوئے اُس کی حمد کرو۔
تاردار سازوں اور بانسلی کے ساتھ اُس کی حمد کرو۔
5بُلند آواز جھانجھ کے ساتھ اُس کی حمد کرو۔
زور سے جھنجھناتی جھانجھ کے ساتھ اُس کی حمد کرو۔
6ہر مُتنفِّس خُداوند کی حمد کرے
خُداوند کی حمد کرو۔