Calvary Pentecostal Theological Seminary Pakistan

Urdu Bible

Home Churches Seminary The Bible Books Prayer Request About Us Contact Us

زکریاہ


خُداوند اپنے لوگوں کو اپنی طرف واپس بُلاتا ہے
1دارا کے دُوسرے برس کے آٹھویں مہِینے میں خُداوند کا کلام زکریاؔہ نبی بِن برکیاہ بِن عِدُّو پر نازِل ہُؤا۔ 2کہ خُداوند تُمہارے باپ دادا سے سخت ناراض رہا۔ 3اِس لِئے تُو اُن سے کہہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ تُم میری طرف رجُوع ہو ربُّ الافواج کا فرمان ہے تو مَیں تُمہاری طرف رجُوع ہُوں گا ربُّ الافواج فرماتا ہے۔ 4تُم اپنے باپ دادا کی مانِند نہ بنو جِن سے اگلے نبِیوں نے بآوازِ بُلند کہا ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ تُم اپنی بُری روِش اور بد اعمالی سے باز آؤ پر اُنہوں نے نہ سُنا اور مُجھے نہ مانا خُداوند فرماتا ہے۔ 5تُمہارے باپ دادا کہاں ہیں؟ کیا انبیا ہمیشہ زِندہ رہتے ہیں؟ 6لیکن میرا کلام اور میرے آئِین جو مَیں نے اپنے خِدمت گُذار نبِیوں کو فرمائے تھے کیا وہ تُمہارے باپ دادا پر پُورے نہیں ہُوئے؟ چُنانچہ اُنہوں نے رجُوع لا کر کہا کہ ربُّ الافواج نے اپنے اِرادہ کے مُطابِق ہماری عادات اور ہمارے اعمال کا بدلہ دِیا ہے۔
نبی کی گھوڑوں کی رویا
7دارا کے دُوسرے برس اور گیارھویں مہِینے یعنی ماہِ سباؔط کی چَوبِیسوِیں تارِیخ کو خُداوند کا کلام زکریاہ نبی بِن برکیاہ بِن عِدُّو پر نازِل ہُؤا۔ 8کہ مَیں نے رات کو رویا میں دیکھا کہ ایک شخص سُرنگ گھوڑے پر سوار مِہندی کے درختوں کے درمیان نشیب میں کھڑا تھا اور اُس کے پِیچھے سُرنگ اور کُمَیت اور نُقرہ گھوڑے تھے۔ 9تب مَیں نے کہا اَے میرے آقا یہ کیا ہیں؟
اِس پر فرِشتہ نے جو مُجھ سے گُفتگُو کرتا تھا کہا مَیں تُجھے دِکھاؤُں گا کہ یہ کیا ہیں۔ 10اور جو شخص مِہندی کے درختوں کے درمِیان کھڑا تھا کہنے لگا یہ وہ ہیں جِن کو خُداوند نے بھیجا ہے کہ ساری دُنیا میں سَیر کریں۔
11اور اُنہوں نے خُداوند کے فرِشتہ سے جو مِہندی کے درختوں کے درمِیان کھڑا تھا کہا ہم نے ساری دُنیا کی سَیر کی ہے اور دیکھا کہ ساری زمِین میں امن و امان ہے۔
12پِھر خُداوند کے فرِشتہ نے کہا اَے ربُّ الافواج تُو یروشلیِم اور یہُوداؔہ کے شہروں پر جِن سے تُو ستّر برس سے ناراض ہے کب تک رحم نہ کرے گا؟
13اور خُداوند نے اُس فرِشتہ کو جو مُجھ سے گُفتگُو کرتا تھا مُلائِم اور تسلّی بخش جواب دِیا۔ 14تب اُس فرِشتہ نے جو مُجھ سے گُفتگُو کرتا تھا مُجھ سے کہا بُلند آواز سے کہہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ مُجھے یروشلیِم اور صِیُّون کے لِئے بڑی غَیرت ہے۔ 15اور مَیں اُن قَوموں سے جو آرام میں ہیں نِہایت ناراض ہُوں کیونکہ جب مَیں تھوڑا ناراض تھا تو اُنہوں نے اُس آفت کو بُہت زِیادہ کر دِیا۔ 16اِس لِئے خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ مَیں رحمت کے ساتھ یروشلیِم کو واپس آیا ہُوں۔ اُس میں میرا مسکن تعمِیر کِیا جائے گا ربُّ الافواج فرماتا ہے اور یروشلیِم پر پِھر سُوت کھینچا جائے گا۔
17پِھر بُلند آواز سے کہہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ میرے شہر دوبارہ خُوش حالی سے معمُور ہوں گے کیونکہ خُداوند پِھر صِیّون کو تسلّی بخشے گا اور یروشلیِم کو قبُول فرمائے گا۔
سیِنگوں کی رویا
18پِھر مَیں نے آنکھ اُٹھا کر نِگاہ کی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ چار سِینگ ہیں۔ 19اور مَیں نے اُس فرِشتہ سے جو مُجھ سے گُفتگُو کرتا تھا پُوچھا کہ یہ کیا ہیں؟
اُس نے مُجھے جواب دِیا یہ وہ سِینگ ہیں جِنہوں نے یہُوداؔہ اور اِسرائیل اور یروشلیِم کو پراگندہ کِیا ہے۔
20پِھر خُداوند نے مُجھے چار کارِیگر دِکھائے۔ 21تب مَیں نے کہا یہ کیوں آئے ہیں؟
اُس نے جواب دِیا یہ وہ سِینگ ہیں جِنہوں نے یہُوداؔہ کو اَیسا پراگندہ کِیا کہ کوئی سر نہ اُٹھا سکا لیکن یہ اِس لِئے آئے ہیں کہ اُن کو ڈرائیں اور اُن قَوموں کے سِینگوں کو پست کریں جِنہوں نے یہُوداؔہ کے مُلک کو پراگندہ کرنے کے لِئے سِینگ اُٹھایا ہے۔
جرِیب کی رویا
1پِھر مَیں نے آنکھ اُٹھا کر نِگاہ کی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ ایک شخص جرِیب ہاتھ میں لِئے کھڑا ہے۔ 2اور مَیں نے پُوچھا تُو کہاں جاتا ہے؟
اُس نے مُجھے جواب دِیا یروشلیِم کی پَیمایش کو تاکہ دیکُھوں کہ اُس کی چَوڑائی اور لمبائی کِتنی ہے۔
3اور دیکھو وہ فرِشتہ جو مُجھ سے گُفتگُو کرتا تھا روانہ ہُؤا اور دُوسرا فرِشتہ اُس کے پاس آیا۔ 4اور اُس سے کہا دَوڑ اور اِس جوان سے کہہ کہ یروشلیِم اِنسان و حَیوان کی کثرت کے باعِث بے فصِیل بستِیوں کی مانِند آباد ہو گا۔ 5کیونکہ خُداوند فرماتا ہے مَیں اُس کے لِئے چاروں طرف آتِشی دِیوار ہُوں گا اور اُس کے اندر اُس کی شَوکت۔
جلاوطنوں کو واپس آنے کی پُکار
6سُنو! خُداوند فرماتا ہے شِمال کی سرزمِین سے جہاں تُم آسمان کی چاروں ہواؤں کی مانِند پراگندہ کِئے گئے نِکل بھاگو خُداوند فرماتا ہے۔ 7اَے صِیُّون تُو جو دُخترِ بابل کے ساتھ بستی ہے نِکل بھاگ۔ 8کیونکہ ربُّ الافواج جِس نے مُجھے اپنے جلال کی خاطِر اُن قَوموں کے پاس بھیجا ہے جِنہوں نے تُم کو غارت کِیا یُوں فرماتا ہے کہ
جو کوئی تُم کو چُھوتا ہے میری آنکھ کی پُتلی کو چُھوتا ہے۔ 9کیونکہ دیکھ مَیں اُن پر اپنا ہاتھ ہِلاؤُں گا اور وہ اپنے غُلاموں کے لِئے لُوٹ ہوں گے۔
تب تُم جانو گے کہ ربُّ الافواج نے مُجھے بھیجا ہے۔
10اَے دُخترِ صِیُّون تُو گا اور خُوشی کر کیونکہ دیکھ مَیں آ کر تیرے اندر سکُونت کرُوں گا خُداوند فرماتا ہے۔
11اور اُس وقت بُہت سی قَومیں خُداوند سے میل کریں گی اور میری اُمّت ہوں گی اور مَیں تیرے اندر سکُونت کرُوں گا۔ تب تُو جانے گی کہ ربُّ الافواج نے مُجھے تیرے پاس بھیجا ہے۔ 12اور خُداوند یہُوداؔہ کو مُلکِ مُقدّس میں اپنی مِیراث کا بخرہ ٹھہرائے گا اور یروشلیِم کو قبُول فرمائے گا۔
13اَے بنی آدمؔ خُداوند کے حضُور خاموش رہو کیونکہ وہ اپنے مُقدّس مسکن سے اُٹھا ہے۔
سردار کاہِن کے بارے میں رویا
1اور اُس نے مُجھے یہ دِکھایا کہ سردار کاہِن یشُوع خُداوند کے فرِشتہ کے سامنے کھڑا ہے اور شَیطان اُس کے دہنے ہاتھ اِستادہ ہے تاکہ اُس کا مُقابلہ کرے۔ 2اور خُداوند نے شَیطان سے کہا اَے شَیطان! خُداوند تُجھے ملامت کرے۔ ہاں وہ خُداوند جِس نے یروشلیِم کو قبُول کِیا ہے تُجھے ملامت کرے۔ کیا یہ وہ لُکٹی نہیں جو آگ سے نِکالی گئی ہے؟
3اور یشُوع مَیلے کپڑے پہنے فرِشتہ کے سامنے کھڑا تھا۔ 4پِھر اُس نے اُن سے جو اُس کے سامنے کھڑے تھے کہا اِس کے مَیلے کپڑے اُتار دو اور اُس سے کہا دیکھ مَیں نے تیری بدکرداری تُجھ سے دُور کی اور مَیں تُجھے نفِیس پوشاک پہناؤُں گا۔
5اور اُس نے کہا کہ اُس کے سر پر صاف عمامہ رکھّو تب اُنہوں نے اُس کے سر پر صاف عمامہ رکھّا اور پوشاک پہنائی اور خُداوند کا فرِشتہ اُس کے پاس کھڑا رہا۔
6اور خُداوند کے فرِشتہ نے یشُوع سے تاکِید کر کے کہا۔ 7ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ اگر تُو میری راہوں پر چلے اور میرے احکام پر عمل کرے تو میرے گھر پر حُکُومت کرے گا اور میری بارگاہوں کا نِگہبان ہو گا اور مَیں تُجھے اِن میں جو یہاں کھڑے ہیں آنے جانے کی اِجازت دُوں گا۔ 8اب اَے یشُوع سردار کاہِن سُن تُو اور تیرے رفِیق جو تیرے سامنے بَیٹھے ہیں۔ وہ اِس بات کا اِیما ہیں کہ مَیں اپنے بندہ یعنی شاخ کو لانے والا ہُوں۔ 9کیونکہ اُس پتّھر کو جو مَیں نے یشُوع کے سامنے رکھّا ہے دیکھ اُس پر سات آنکھیں ہیں۔ دیکھ مَیں اِس پر کندہ کرُوں گا ربُّ الافواج فرماتا ہے اور مَیں اِس مُلک کی بدکرداری کو ایک ہی دِن میں دُور کرُوں گا۔ 10ربُّ الافواج فرماتا ہے اُسی روز تُم میں سے ہر ایک اپنے ہمسایہ کو تاک اور انجِیر کے نِیچے بُلائے گا۔
شمعدان کی رویا
1اور وہ فرِشتہ جو مُجھ سے باتیں کرتا تھا پِھر آیا اور اُس نے گویا مُجھے نِیند سے جگا دِیا۔ 2اور پُوچھا تُو کیا دیکھتا ہے؟
اور مَیں نے کہا کہ مَیں ایک سونے کا شمعدان دیکھتا ہُوں جِس کے سر پر ایک کٹورا ہے اور اُس کے اُوپر سات چراغ ہیں اور اُن ساتوں چراغوں پر اُن کی سات سات نلِیاں۔ 3اور اُس کے پاس زَیتُون کے دو درخت ہیں ایک تو کٹورے کی دہنی طرف اور دُوسرا بائِیں طرف۔ 4اور مَیں نے اُس فرِشتہ سے جو مُجھ سے کلام کرتا تھا پُوچھا اَے میرے آقا یہ کیا ہیں؟
5تب اُس فرِشتہ نے جو مُجھ سے کلام کرتا تھا کہا کیا تُو نہیں جانتا یہ کیا ہیں؟
زرُبّابل کے ساتھ خُدا کا وعدہ
مَیں نے کہا نہیں اَے میرے آقا۔ 6تب اُس نے مُجھے جواب دِیا کہ یہ زرُبّاؔبل کے لِئے خُداوند کا کلام ہے کہ نہ تو زور سے اور نہ توانائی سے بلکہ میری رُوح سے ربُّ الافواج فرماتا ہے۔ 7اَے بڑے پہاڑ تُو کیا ہے؟ تُو زرُبّاؔبل کے سامنے مَیدان ہو جائے گا اور جب وہ چوٹی کا پتّھر نِکال لائے گا تو لوگ پُکاریں گے کہ اُس پر فضل ہو۔ فضل ہو۔ 8پِھر خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا 9کہ زرُبّاؔبل کے ہاتھوں نے اِس گھر کی نیو ڈالی اور اُسی کے ہاتھ اِسے تمام بھی کریں گے۔ تب تُو جانے گا کہ ربُّ الافواج نے مُجھے تُمہارے پاس بھیجا ہے۔
10کیونکہ کَون ہے جِس نے چھوٹی چِیزوں کے دِن کی تحقِیر کی ہے؟ کیونکہ خُداوند کی وہ سات آنکھیں جو ساری زمِین کی سَیر کرتی ہیں خُوشی سے اُس ساہُول کو دیکھتی ہیں جو زرُبّاؔبل کے ہاتھ میں ہے۔
11تب مَیں نے اُس سے پُوچھا کہ یہ دونوں زَیتُون کے درخت جو شمعدان کے دہنے بائیں ہیں کیا ہیں؟ 12اور مَیں نے دوبارہ اُس سے پُوچھا کہ زَیتُون کی یہ دو شاخیں کیا ہیں جو سونے کی دو نلِیوں کے مُتّصِل ہیں جِن کی راہ سے سُنہلا تیل نِکلا چلا جاتا ہے؟
13اُس نے مُجھے جواب دِیا کیا تُو نہیں جانتا یہ کیا ہیں؟ مَیں نے کہا نہیں اَے میرے آقا۔
14اُس نے کہا یہ وہ دو ممسُوح ہیں جو ربُّ اُلعالمِین کے حضُور کھڑے رہتے ہیں۔
اُڑتے ہُوئے طُومار کی رویا
1پِھر مَیں نے آنکھ اُٹھا کر نظر کی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ ایک اُڑتا ہُؤا طُومار ہے۔ 2اُس نے مُجھ سے پُوچھا تُو کیا دیکھتا ہے؟ مَیں نے جواب دِیا ایک اُڑتا ہُؤا طُومار دیکھتا ہُوں جِس کی لمبائی بِیس ہاتھ اور چَوڑائی دس ہاتھ ہے۔
3پِھر اُس نے مُجھ سے کہا یہ وہ لَعنت ہے جو تمام مُلک پر نازِل ہونے کو ہے اور اِس کے مُطابِق ہر ایک چور اور جُھوٹی قَسم کھانے والا یہاں سے کاٹ ڈالا جائے گا۔ 4ربُّ الافواج فرماتا ہے مَیں اُسے بھیجتا ہُوں اور وہ چور کے گھر میں اور اُس کے گھر میں جو میرے نام کی جُھوٹی قَسم کھاتا ہے گُھسے گا اور اُس کے گھر میں رہے گا اور اُسے اُس کی لکڑی اور پتّھر سمیت برباد کرے گا۔
ایفہ میں بَیٹھی عَورت کی رویا
5اور وہ فرِشتہ جو مُجھ سے کلام کرتا تھا نِکلا اور اُس نے مُجھ سے کہا کہ اب تُو آنکھ اُٹھا کر دیکھ کیا نِکل رہا ہے۔
6مَیں نے پُوچھا یہ کیا ہے؟ اُس نے جواب دِیا یہ ایک ایفہ نِکل رہا ہے اور اُس نے کہا کہ تمام مُلک میں یِہی اُن کی شبِہیہ ہے۔
7اور سِیسے کا ایک گول سرپوش اُٹھایا گیا اور ایک عَورت ایفہ میں بَیٹھی نظر آئی۔
8اور اُس نے کہا کہ یہ شرارت ہے اور اُس نے اُس کو ایفہ میں نِیچے دبا کر سِیسے کے اُس سرپوش کو ایفہ کے مُنہ پر رکھ دِیا۔ 9پِھر مَیں نے آنکھ اُٹھا کر نِگاہ کی اور کیا دیکھتا ہُوں کہ دو عَورتیں نِکل آئِیں اور ہوا اُن کے بازُوؤں میں بھری تھی کیونکہ اُن کے لقلق کے سے بازُو تھے اور وہ ایفہ کو آسمان و زمِین کے درمِیان اُٹھا لے گئِیں۔
10تب مَیں نے اُس فرِشتہ سے جو مُجھ سے کلام کرتا تھا پُوچھا کہ یہ ایفہ کو کہاں لِئے جاتی ہیں؟
11اُس نے مُجھے جواب دِیا سِنعار کے مُلک کو تاکہ اِس کے لِئے گھر بنائیں اور جب وہ تیّار ہو تو یہ اپنی جگہ میں رکھّی جائے۔
چار رَتھوں کی رویا
1تب مَیں نے پِھر آنکھ اُٹھا کر نِگاہ کی تو کیا دیکھتا ہُوں کہ دو پہاڑوں کے درمِیان سے چار رتھ نِکلے اور وہ پہاڑ پِیتل کے تھے۔ 2پہلے رتھ کے گھوڑے سُرنگ۔ دُوسرے کے مُشکی۔ 3تِیسرے کے نُقرہ اور چَوتھے کے ابلق تھے۔ 4تب مَیں نے اُس فرِشتہ سے جو مُجھ سے کلام کرتا تھا پُوچھا اَے میرے آقا یہ کیا ہیں؟
5اور فرِشتہ نے مُجھے جواب دِیا کہ یہ آسمان کی چارہوائیں ہیں جو ربُّ العالمِین کے حضُور سے نِکلی ہیں۔
6اور مُشکی گھوڑوں والا رتھ شِمالی مُلک کو نِکلا چلا جاتا ہے اور نُقرہ گھوڑوں والا اُس کے پِیچھے اور ابلق گھوڑوں والا جنُوبی مُلک کو۔ 7اور سُرنگ گھوڑوں والا بھی نِکلا اور اُنہوں نے چاہا کہ دُنیا کی سَیر کریں اور اُس نے اُن سے کہا جاؤ دُنیا کی سَیر کرو اور اُنہوں نے دُنیا کی سَیر کی۔ 8تب اُس نے بُلند آواز سے مُجھ سے کہا دیکھ جو شِمالی مُلک کو گئے ہیں اُنہوں نے وہاں میرا جی ٹھنڈا کِیا ہے۔
یشُوع کی تاجپوشی کا حُکم
9پِھر خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا 10کہ تُو آج ہی خلدی اور طُوبیاؔہ اور یدعیاؔہ کے پاس جا جو بابل کے اؔسِیروں کی طرف سے آ کر یُوسِیاؔہ بِن صفنیاہ کے گھر میں اُترے ہیں۔ 11اور اُن سے سونا چاندی لے کر تاج بنا اور یشُوع بِن یہُو صدق سردار کاہِن کو پہنا۔ 12اور اُس سے کہہ کہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ وہ شخص جِس کا نام شاخ ہے اُس کے زیرِ سایہ خُوش حالی ہو گی اور وہ خُداوند کی ہَیکل کو تعمِیر کرے گا۔ 13ہاں وُہی خُداوند کی ہَیکل کو بنائے گا اور وہ صاحبِ شَوکت ہو گا اور تخت نشِین ہو کر حُکُومت کرے گا اور اُس کے ساتھ کاہِن بھی تخت نشِین ہو گا اور دونوں میں صُلح و سلامتی کی مشورَت ہو گی۔ 14اور یہ تاج حِیلم اور طُوبیاؔہ اور یدعیاؔہ اور حین بِن صفنیاہ کے لِئے خُداوند کی ہَیکل میں یادگار ہو گا۔
15اور وہ جو دُور ہیں آ کر خُداوند کی ہَیکل کو تعمِیر کریں گے۔ تب تُم جانو گے کہ ربُّ الافواج نے مُجھے تُمہارے پاس بھیجا ہے اور اگر تُم دِل سے خُداوند اپنے خُدا کی فرمانبرداری کرو گے تو یہ باتیں پُوری ہوں گی۔
خُداوند بدنِیّتی کے روزہ کی مُذّمت کرتا ہے
1دارا بادشاہ کی سلطنت کے چَوتھے برس کے نویں مہِینے یعنی کِسلیو مہِینے کی چَوتھی تارِیخ کو خُداوند کا کلام زکریاہ پر نازِل ہُؤا۔
2اور بَیت ایل کے باشِندوں نے شراؔضر اور رجم مِلک اور اُس کے لوگوں کو بھیجا کہ خُداوند سے درخواست کریں۔ 3اور ربُّ الافواج کے گھر کے کاہِنوں اور نبِیوں سے پُوچھیں کہ کیا مَیں پانچویں مہِینے میں گوشہ نشِین ہو کر ماتم کرُوں جَیسا کہ مَیں نے سالہا سال سے کِیا ہے؟
4تب ربُّ الافواج کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا 5کہ مُملکت کے سب لوگوں اور کاہِنوں سے کہہ کہ جب تُم نے پانچویں اور ساتویں مہِینے میں اِن ستّر برس تک روزہ رکھّا اور ماتم کِیا تو کیا کبھی میرے لِئے خاص میرے ہی لِئے روزہ رکھّا تھا؟ 6اور جب تُم کھاتے پِیتے تھے تو اپنے ہی لِئے نہ کھاتے پِیتے تھے؟
7کیا یہ وُہی کلام نہیں جو خُداوند نے گُذشتہ نبِیوں کی معرفت فرمایا جب یروشلیِم آباد اور آسُودہ حال تھا اور اُس کی نواحی کے شہر اور جنُوب کی سرزمِین اور مَیدان آباد تھے؟
اسیِری کا سبب، نافرمانی
8پِھر خُداوند کا کلام زکریاہ پر نازِل ہُؤا۔ 9کہ ربُّ الافواج نے یُوں فرمایا تھا کہ راستی سے عدالت کرو اور ہر شخص اپنے بھائی پر کرم اور رحم کِیا کرے۔ 10اور بیوہ اور یتِیم اور مُسافِر اور مِسکِین پر ظُلم نہ کرو اور تُم میں سے کوئی اپنے بھائی کے خِلاف دِل میں بُرا منصُوبہ نہ باندھے۔
11لیکن وہ شِنوا نہ ہُوئے بلکہ اُنہوں نے گردن کشی کی اور اپنے کانوں کو بند کِیا تاکہ نہ سُنیں۔ 12اور اُنہوں نے اپنے دِلوں کو الماس کی مانِند سخت کِیا تاکہ شرِیعت اور اُس کلام کو نہ سُنیں جو ربُّ الافواج نے گُذشتہ نبِیوں پر اپنی رُوح کی معرفت نازِل فرمایا تھا اِس لِئے ربُّ الافواج کی طرف سے قہرِ شدِید نازِل ہُؤا۔ 13اور ربُّ الافواج نے فرمایا تھا جِس طرح مَیں نے پُکار کر کہا اور وہ شِنوا نہ ہُوئے اُسی طرح وہ پُکاریں گے اور مَیں نہیں سنُوں گا۔ 14بلکہ اُن کو سب قَوموں میں جِن سے وہ ناواقِف ہیں پراگندہ کرُوں گا۔ یُوں اُن کے بعد مُلک وِیران ہُؤا یہاں تک کہ کِسی نے اُس میں آمد و رفت نہ کی کیونکہ اُنہوں نے اُس دِلکُشا مُلک کو وِیران کر دِیا۔
خُداوند یروشلیِم کو بحال کرنے کا وعدہ کرتا ہے
1پِھر ربُّ الافواج کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا 2کہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ مُجھے صِیُّون کے لِئے بڑی غَیرت ہے بلکہ مَیں غَیرت سے سخت غضب ناک ہُؤا۔ 3خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ مَیں صِیُّون میں واپس آیا ہُوں اور یروشلیِم میں سکُونت کرُوں گا اور یروشلیِم کا نام شہرِ صِدق ہو گا اور ربُّ الافواج کا پہاڑ کوہِ مُقدّس کہلائے گا۔ 4ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ یروشلیِم کے کُوچوں میں عُمر رسِیدہ مَرد و زن بُڑھاپے کے سبب سے ہاتھ میں عصا لِئے ہُوئے پِھر بَیٹھے ہوں گے۔ 5اور شہر کے کُوچے کھیلنے والے لڑکے لڑکیوں سے معمُور ہُوں گے۔
6اور ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ اگرچہ اُن ایّام میں یہ امر اِن لوگوں کے بقِیّہ کی نظر میں حَیرت افزا ہو تَو بھی کیا میری نظر میں حَیرت افزا ہو گا؟ ربُّ الافواج فرماتا ہے۔ 7ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے دیکھ مَیں اپنے لوگوں کو مشرِقی اور مغرِبی مُمالِک سے چُھڑا لُوں گا۔ 8اور مَیں اُن کو واپس لاؤُں گا اور وہ یروشلیِم میں سکُونت کریں گے اور وہ میرے لوگ ہوں گے اور مَیں راستی و صداقت سے اُن کا خُدا ہُوں گا۔
9ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ اَے لوگو اپنے ہاتھوں کو مضبُوط کرو۔ تُم جو اِس وقت یہ کلام سُنتے ہو جو ربُّ الافواج کے گھر یعنی ہَیکل کی تعمِیر کے لِئے بُنیاد ڈالتے وقت نبِیوں کی معرفت نازِل ہُؤا۔ 10کیونکہ اُن دِنوں سے پہلے نہ اِنسان کے لِئے مزدُوری تھی اور نہ حَیوان کا کِرایہ تھا اور دُشمن کے سبب سے آنے جانے والے محفُوظ نہ تھے کیونکہ مَیں نے سب لوگوں میں نِفاق ڈال دِیا۔ 11لیکن اب مَیں اِن لوگوں کے بقِیّہ کے ساتھ پہلے کی طرح پیش نہ آؤُں گا ربُّ الافواج فرماتا ہے۔ 12بلکہ زِراعت سلامتی سے ہو گی۔ تاک اپنا پَھل دے گی اور زمِین اپنا حاصِل اور آسمان سے اوس پڑے گی اور مَیں اِن لوگوں کے بقِیّہ کو اِن سب برکتوں کا وارِث بناؤُں گا۔ 13اَے بنی یہُوداؔہ اور اَے بنی اِسرائیل جِس طرح تُم دُوسری قَوموں میں لَعنت تھے اُسی طرح مَیں تُم کو چُھڑاؤُں گا اور تُم برکت ہو گے۔ ہِراسان نہ ہو بلکہ تُمہارے ہاتھ مضبُوط ہوں۔
14کیونکہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ جِس طرح مَیں نے قصد کِیا تھا کہ تُم پر آفت لاؤُں جب تُمہارے باپ دادا نے مُجھے غضب ناک کِیا اور مَیں اپنے اِرادہ سے باز نہ رہا ربُّ الافواج فرماتا ہے۔ 15اُسی طرح مَیں نے اب اِرادہ کِیا ہے کہ یروشلیِم اور یہُوداؔہ کے گھرانے سے نیکی کرُوں۔ پس تُم ہِراسان نہ ہو۔ 16پر لازِم ہے کہ تُم اِن باتوں پر عمل کرو۔ تُم سب اپنے پڑوسِیوں سے سچ بولو اور اپنے پھاٹکوں میں راستی سے عدالت کرو تاکہ سلامتی ہو۔ 17اور تُم میں سے کوئی اپنے بھائی کے خِلاف دِل میں بُرا منصُوبہ نہ باندھے اور جُھوٹی قَسم کو عزِیز نہ رکھّے کیونکہ مَیں اِن سب باتوں سے نفرت رکھتا ہُوں خُداوند فرماتا ہے۔
18پِھر ربُّ الافواج کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا 19کہ ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ چَوتھے اور پانچویں اور ساتویں اور دسویں مہِینے کا روزہ بنی یہُوداؔہ کے لِئے خُوشی اور خُرّمی کا دِن اور شادمانی کی عِید ہو گا۔ اِس لِئے تُم سچّائی اور سلامتی کو عزِیز رکھّو۔
20ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ پِھر قَومیں اور بڑے بڑے شہروں کے باشِندے آئیں گے۔ 21اور ایک شہر کے باشِندے دُوسرے شہر میں جا کر کہیں گے چلو ہم جلد خُداوند سے درخواست کریں اور ربُّ الافواج کے طالِب ہوں۔ مَیں بھی چلتا ہُوں۔ 22بُہت سی اُمّتیں اور زبردست قَومیں ربُّ الافواج کی طالِب ہوں گی اور خُداوند سے درخواست کرنے کو یروشلیِم میں آئیں گی۔ 23ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ اُن ایّام میں مُختلِف اہلِ لُغت میں سے دس آدمی ہاتھ بڑھا کر ایک یہُودی کا دامن پکڑیں گے اور کہیں گے کہ ہم تُمہارے ساتھ جائیں گے کیونکہ ہم نے سُنا ہے کہ خُدا تُمہارے ساتھ ہے۔
ہمسایہ قَوموں پر قہر و غضب
1بنی آدمؔ اور خصُوصاً کُل قبائِلِ اِسرائیل کی آنکھیں خُداوند پر لگی ہیں۔ خُداوند کی طرف سے سرزمِینِ حدراؔک اور دمِشق کے خِلاف بارِ نبُوّت۔ 2اور حمات کے خِلاف جو اُن سے مُتّصِل ہے اور صُور و صَیدا کے خِلاف جو اپنی نظر میں بُہت دانِش مند ہیں۔ 3صُور نے اپنے لِئے مضبُوط قلعہ بنایا اور مِٹّی کی طرح چاندی کے تُودے لگائے اور گلیوں کی کِیچ کی طرح سونے کے ڈھیر۔ 4دیکھو خُداوند اُسے خارِج کر دے گا اور اُس کے فخر کو سمُندر میں ڈال دے گا اور آگ اُس کو کھا جائے گی۔
5اؔسقلون دیکھ کر ڈر جائے گا۔ غزّہ بھی سخت درد میں مُبتلا ہو گا۔ عقرُوؔن بھی کیونکہ اُس کی آس ٹُوٹ گئی اور غزّہ سے بادشاہی جاتی رہے گی اور اسقلوؔن بے چراغ ہو جائے گا۔ 6اور ایک اجنبی زادہ اشدُود میں تخت نشِین ہو گا اور مَیں فلِستِیوں کا فخر مِٹاؤُں گا۔ 7اور مَیں اُس کے خُون کو اُس کے مُنہ سے اور اُس کی مکرُوہات اُس کے دانتوں سے نِکال ڈالُوں گا اور وہ بھی ہمارے خُدا کے لِئے بقِیّہ ہو گا اور وہ یہُوداؔہ میں سردار ہو گا اور عقرُونی یبُوسِیوں کی مانِند ہوں گے۔ 8اور مَیں مُخالِف فَوج کے مُقابِل اپنے گھر کی چاروں طرف خَیمہ زن ہُوں گا تاکہ کوئی اُس میں سے آمد و رفت نہ کر سکے۔ پِھر کوئی ظالِم اُن کے درمِیان سے نہ گُذرے گا کیونکہ اب مَیں نے اپنی آنکھوں سے دیکھ لِیا ہے۔
مُستقبِل کا بادشاہ
9اَے بِنتِ صِیُّون تُو نِہایت شادمان ہو۔
اَے دُخترِ یروشلیِم خُوب للکار
کیونکہ دیکھ تیرا بادشاہ تیرے پاس آتا ہے۔
وہ صادِق ہے اور نجات اُس کے ہاتھ میں ہے۔
وہ حلِیم ہے اور گدھے پر بلکہ جوان گدھے پر
سوار ہے۔
10اور مَیں اِفرائِیم سے رتھ
اور یروشلیِم سے گھوڑے کاٹ ڈالُوں گا
اور جنگی کمان توڑ ڈالی جائے گی
اور وہ قَوموں کو صُلح کا مُژدہ دے گا
اور اُس کی سلطنت سمُندر سے سمُندر تک
اور دریایِ فرات سے اِنتہایِ زمِین تک ہو گی۔
خُداوند کی اُمّت کی بحالی
11اور تیری بابت یُوں ہے کہ تیرے عہد کے خُون
کے سبب سے
مَیں تیرے اسِیروں کو اندھے کنُوئیں سے
نِکال لایا۔
12مَیں آج بتاتا ہُوں کہ تُجھ کو دو چند اجر دُوں گا
اَے اُمّیدوار اسِیرو
قلعہ میں واپس آؤ۔
13کیونکہ مَیں نے یہُوداؔہ کو کمان کی طرح جُھکایا
اور اِفرائِیم کو تِیر کی طرح لگایا
اور اَے صِیُّون مَیں تیرے فرزندوں کو یُونان کے
فرزندوں کے خِلاف برانگیختہ کرُوں گا
اور تُجھے پہلوان کی تلوار کی مانِند بناؤُں گا۔
14اور خُداوند اُن کے اُوپر دِکھائی دے گا
اور اُس کے تِیر بِجلی کی طرح نِکلیں گے۔
ہاں خُداوند خُدا نرسِنگا پُھونکے گا
اور جنُوبی بگُولوں کے ساتھ خرُوج کرے گا۔
15اور ربُّ الافواج اُن کی حِمایت کرے گا
اور وہ دُشمنوں کو نِگلیں گے
اور فلاخن کے پتّھروں کو پایمال کریں گے
اور پی کر متوالوں کی مانِند شور مچائیں گے
اور کٹوروں اور مذبح کے کونوں کی مانِند معمُور
ہوں گے۔
16اور خُداوند اُن کا خُدا اُس روز اُن کو
اپنی بھیڑوں کی طرح بچا لے گا
کیونکہ وہ تاج کے جواہِر کی مانِند ہوں گے
جو اُس کے مُلک میں سرفراز ہوں گے۔
17کیونکہ اُن کی خُوش حالی عظِیم اور اُن کا جمال
خُوب ہے!
نَوجوان غلّہ سے بڑھیں گے اور لڑکِیاں نئی مَے
سے نشو و نُما پائیں گی۔
خُداوند مخلصی کا وعدہ کرتا ہے
1پِچھلی برسات کی بارِش کے لِئے خُداوند سے دُعا کرو۔ خُداوند سے جو بِجلی چمکاتا ہے۔ وہ بارِش بھیجے گا اور مَیدان میں سب کے لِئے گھاس اُگائے گا۔ 2کیونکہ تِرافِیم نے بطالت کی باتیں کہی ہیں اور غَیب بِینوں نے بطالت دیکھی اور جُھوٹے خواب بیان کِئے ہیں۔ اُن کی تسلّی بے حقِیقت ہے اِس لِئے وہ بھیڑوں کی مانِند بھٹک گئے۔ اُنہوں نے دُکھ پایا کیونکہ اُن کا کوئی چرواہا نہ تھا۔
3میرا غضب چرواہوں پر بھڑکا ہے اور مَیں پیشواؤں کو سزا دُوں گا تَو بھی ربُّ الافواج نے اپنے گلّہ یعنی بنی یہُوداؔہ پر نظر کی ہے اور اُن کو گویا اپنا خُوب صُورت جنگی گھوڑا بنائے گا۔ 4اُن ہی میں سے کونے کا پتھّر اور کُھونٹی اور جنگی کمان اور سب حاکِم نِکلیں گے۔ 5اور وہ پہلوانوں کی طرح لڑائی میں دُشمنوں کو گلیوں کی کِیچ کی مانِند لتاڑیں گے اور وہ لڑیں گے کیونکہ خُداوند اُن کے ساتھ ہے اور سوار سراسِیمہ ہو جائیں گے۔
6اور مَیں یہُوداؔہ کے گھرانے کی تقوِیّت کرُوں گا
اور یُوسفؔ کے گھرانے کو رہائی بخشُوں گا
اور اُن کو واپس لاؤُں گا
کیونکہ مَیں اُن پر رحم کرتا ہُوں
اور وہ اَیسے ہوں گے گویا مَیں نے اُن کو کبھی
ترک نہیں کِیا تھا
کیونکہ مَیں خُداوند اُن کا خُدا ہُوں اور اُن کی
سنُوں گا۔
7اور بنی اِفرائِیم پہلوانوں کی مانِند ہوں گے
اور اُن کے دِل گویا مَے سے مسرُور ہوں گے
بلکہ اُن کی اَولاد بھی دیکھے گی اور شادمانی
کرے گی۔
اُن کے دِل خُداوند سے خُوش ہوں گے۔
8مَیں سِیٹی بجا کر اُن کو فراہم کرُوں گا
کیونکہ مَیں نے اُن کا فِدیہ دِیا ہے
اور وہ بُہت ہو جائیں گے جَیسے پہلے تھے۔
9اگرچہ مَیں نے اُن کو قَوموں میں پراگندہ کِیا
تَو بھی وہ اُن دُور کے مُلکوں میں مُجھے یاد
کریں گے
اور اپنے بال بچّوں سمیت زِندہ رہیں گے
اور واپس آئیں گے۔
10مَیں اُن کو مُلکِ مِصرؔ سے واپس لاؤُں گا اور اؔسُور
سے جمع کرُوں گا
اور جِلعاد اور لُبنان کی سرزمِین میں پُہنچاؤُں گا۔
یہاں تک کہ اُن کے لِئے گُنجایش نہ ہو گی۔
11اور وہ مُصِیبت کے سمُندر سے گُذر جائے گا
اور اُس کی لہروں کو مارے گا
اور دریایِ نِیل تہ تک سُوکھ جائے گا
اور اؔسُور کا تکبُّر ٹُوٹ جائے گا
اور مِصرؔ کا عصا جاتا رہے گا۔
12اور مَیں اُن کو خُداوند میں تقوِیّت بخشُوں گا
اور وہ اُس کا نام لے کر اِدھر اُدھر چلیں گے
خُداوند فرماتا ہے۔
ظالموں کا زوال
1اَے لُبنان تُو اپنے دروازوں کو کھول دے تاکہ آگ
تیرے دیوداروں کو کھا جائے۔
2اَے سرو کے درخت نَوحہ کر
کیونکہ دیودار گِر گیا
اور شان دار غارت ہو گئے۔
اَے بسنی بلُوط کے درختو! فغان کرو
کیونکہ دُشوار گُذار جنگل صاف ہو گیا۔
3چرواہوں کے نَوحہ کی آواز آتی ہے کیونکہ اُن کی
حشمت غارت ہُوئی۔
جوان بَبروں کی گرج سُنائی دیتی ہے
کیونکہ یَردؔن کا جنگل برباد ہو گیا۔
دو چرواہے
4خُداوند میرا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ جو بھیڑیں ذبح ہو رہی ہیں اُن کو چرا۔ 5جِن کے مالِک اُن کو ذبح کرتے اور اپنے آپ کو بے قصُور سمجھتے ہیں اور جِن کے بیچنے والے کہتے ہیں خُداوند کا شُکر ہو کہ ہم مال دار ہُوئے اور اُن کے چرواہے اُن پر رحم نہیں کرتے۔
6کیونکہ خُداوند فرماتا ہے مَیں مُلک کے باشِندوں پر پِھر رحم نہیں کرُوں گا بلکہ ہر شخص کو اُس کے ہمسایہ اور اُس کے بادشاہ کے حوالہ کر دُوں گا اور وہ مُلک کو تباہ کریں گے اور مَیں اُن کو اُن کے ہاتھ سے نہیں چُھڑاؤُں گا۔
7پس مَیں نے اُن بھیڑوں کو جو ذبح ہو رہی تھِیں یعنی گلّہ کے مِسکِینوں کو چرایا اور مَیں نے دو لاٹھیاں لِیں ایک کا نام فضل رکھّا اور دُوسری کا اِتّحاد اور گلّہ کو چرایا۔ 8اور مَیں نے ایک مہِینے میں تِین چرواہوں کو ہلاک کِیا کیونکہ میری جان اُن سے بیزار تھی اور اُن کے دِل میں مُجھ سے کراہِیّت تھی۔ 9تب مَیں نے کہا کہ اب مَیں تُم کو نہ چراؤُں گا۔ مَرنے والا مَر جائے اور ہلاک ہونے والا ہلاک ہو اور باقی ایک دُوسرے کا گوشت کھائیں۔ 10تب مَیں نے فضل نامی لاٹھی کو لِیا اور اُسے کاٹ ڈالا کہ اپنے عہد کو جو مَیں نے سب لوگوں سے باندھا تھا منسُوخ کرُوں۔ 11اور وہ اُسی دِن منسُوخ ہو گیا۔ تب گلّہ کے مِسکِینوں نے جو میری سُنتے تھے معلُوم کِیا کہ یہ خُداوند کا کلام ہے۔ 12اور مَیں نے اُن سے کہا کہ اگر تُمہاری نظر میں ٹِھیک ہو تو میری مزدُوری مُجھے دو نہیں تو مت دو اور اُنہوں نے میری مزدُوری کے لِئے تِیس رُوپَے تول کر دِئے۔
13اور خُداوند نے مُجھے حُکم دِیا کہ اُسے کُمہار کے سامنے پھینک دے یعنی اِس بڑی قِیمت کو جو اُنہوں نے میرے لِئے ٹھہرائی اور مَیں نے یہ تِیس رُوپَے لے کر خُداوند کے گھر میں کُمہار کے سامنے پھینک دِئے۔ 14تب مَیں نے دُوسری لاٹھی یعنی اِتّحاد نامی کو کاٹ ڈالا تاکہ اُس برادری کو جو یہُوداؔہ اور اِسرائیل میں ہے موقُوف کرُوں۔
15اور خُداوند نے مُجھے فرمایا کہ تُو پِھر نادان چرواہے کا سامان لے۔ 16کیونکہ دیکھ مَیں مُلک میں اَیسا چَوپان برپا کرُوں گا جو ہلاک ہونے والے کی خبرگِیری اور بھٹکے ہُوئے کی تلاش اور زخمی کا عِلاج نہ کرے گا اور تندرُست کو نہ چرائے گا پر موٹوں کا گوشت کھائے گا اور اُن کے کُھروں کو توڑ ڈالے گا۔ 17اُس نابکار چرواہے پر افسوس جو گلّہ کو چھوڑ جاتا ہے! تلوار اُس کے بازُو اور اُس کی دہنی آنکھ پر آ پڑے گی۔ اُس کا بازُو بِالکُل سُوکھ جائے گا اور اُس کی دہنی آنکھ پُھوٹ جائے گی۔
مُستقبِل میں یروشلیِم کی رِہائی
1اِسرائیل کی بابت خُداوند کی طرف سے بارِ نبُوّت:- خُداوند جو آسمان کو تانتا اور زمِین کی بُنیاد ڈالتا اور اِنسان کے اندر اُس کی رُوح پَیدا کرتا ہے یُوں فرماتا ہے۔ 2دیکھو مَیں یروشلیِم کو اِردگِرد کے سب لوگوں کے لِئے لڑکھڑاہٹ کا پِیالہ بناؤُں گا اور یروشلیِم کے مُحاصرہ کے وقت یہُوداؔہ کا بھی یِہی حال ہو گا۔ 3اور مَیں اُس روز یروشلیِم کو سب قَوموں کے لِئے ایک بھاری پتّھر بنا دُوں گا اور جو اُسے اُٹھائیں گے سب گھایل ہوں گے اور دُنیا کی سب قَومیں اُس کے مُقابِل جمع ہوں گی۔ 4خُداوند فرماتا ہے مَیں اُس روز ہر گھوڑے کو حَیرت زدہ اور اُس کے سوار کو دِیوانہ کر دُوں گا لیکن یہُوداؔہ کے گھرانے پر نِگاہ رکھّوں گا اور قَوموں کے سب گھوڑوں کو اندھا کر دُوں گا۔ 5تب یہُوداؔہ کے فرمانروا دِل میں کہیں گے کہ یروشلیِم کے باشِندے اپنے خُدا ربُّ الافواج کے سبب سے ہماری توانائی ہیں۔
6مَیں اُس روز یہُوداؔہ کے فرمانرواؤں کو لکڑیوں میں جلتی انگِیٹھی اور پُولوں میں مشعل کی مانِند بناؤُں گا اور وہ دہنے بائیں اور اِردگِرد کی سب قَوموں کو کھا جائیں گے اور اہلِ یروشلیِم پِھر اپنے مقام پر یروشلیِم ہی میں آباد ہوں گے۔
7اور خُداوند یہُوداؔہ کے خَیموں کو پہلے رہائی بخشے گا تاکہ داؤُد کا گھرانا اور یروشلیِم کے باشِندے یہُوداؔہ کے خِلاف فخر نہ کریں۔ 8اُس روز خُداوند یروشلیِم کے باشِندوں کی حِمایت کرے گا اور اُن میں کا سب سے کمزور اُس روز داؤُد کی مانِند ہو گا اور داؤُد کا گھرانا خُدا کی مانِند یعنی خُداوند کے فرِشتہ کی مانِند جو اُن کے آگے آگے چلتا ہو۔ 9اور مَیں اُس روز یروشلیِم کی سب مُخالِف قَوموں کی ہلاکت کا قصد کرُوں گا۔
10اور مَیں داؤُد کے گھرانے اور یروشلیِم کے باشِندوں پر فضل اور مُناجات کی رُوح نازِل کرُوں گا اور وہ اُس پر جِس کو اُنہوں نے چھیدا ہے نظر کریں گے اور اُس کے لِئے ماتم کریں گے جَیسا کوئی اپنے اِکلوتے کے لِئے کرتا ہے اور اُس کے لِئے تلخ کام ہوں گے جَیسے کوئی اپنے پہلوٹھے کے لِئے ہوتا ہے۔ 11اور اُس روز یروشلیِم میں بڑا ماتم ہو گا۔ ہددرِؔمُّون کے ماتم کی مانِند جو مجِدّون کی وادی میں ہُؤا۔ 12اور تمام مُلک ماتم کرے گا۔ ہر ایک گھرانا الگ۔ داؤُد کا گھرانا الگ اور اُن کی بِیویاں الگ۔ ناتن کا گھرانا الگ اور اُن کی بِیویاں الگ۔ 13لاوؔی کا گھرانا الگ اور اُن کی بِیویاں الگ۔ سِمعی کا گھرانا الگ اور اُن کی بِیویاں الگ۔ 14باقی سب گھرانے الگ الگ اور اُن کی بِیویاں الگ الگ۔
1اُس روز گُناہ اور ناپاکی دھونے کو داؤُد کے گھرانے اور یروشلیِم کے باشِندوں کے لِئے ایک سوتا پُھوٹ نِکلے گا۔ 2اور ربُّ الافواج فرماتا ہے مَیں اُسی روز مُلک سے بُتوں کا نام مِٹا دُوں گا اور اُن کو پِھر کوئی یاد نہ کرے گا اور مَیں نبِیوں کو اور ناپاک رُوح کو مُلک سے خارِج کر دُوں گا۔ 3اور جب کوئی نُبوّت کرے گا تو اُس کے ماں باپ جِن سے وہ پَیدا ہُؤا اُس سے کہیں گے تُو زِندہ نہ رہے گا کیونکہ تُو خُداوند کا نام لے کر جُھوٹ بولتا ہے اور جب وہ نبُوّت کرے گا تو اُس کے ماں باپ جِن سے وہ پَیدا ہُؤا اُسے چھید ڈالیں گے۔ 4اور اُس روز نبِیوں میں سے ہر ایک نبُوّت کرتے وقت اپنی رویا سے شرمِندہ ہو گا اور کبھی فریب دینے کو پشمِین چادر نہ اوڑھیں گے۔ 5بلکہ ہر ایک کہے گا کہ مَیں نبی نہیں کِسان ہُوں کیونکہ مَیں لڑکپن ہی سے غُلام رہا ہُوں۔ 6اور جب کوئی اُس سے پُوچھے گا کہ تیری چھاتی پر یہ زخم کَیسے ہیں؟ تو وہ جواب دے گا یہ وہ زخم ہیں جو میرے دوستوں کے گھر میں لگے۔
خُدا کے چرواہے کو قتل کرنے کا حُکم
7ربُّ الافواج فرماتا ہے اَے تلوار تُو میرے چرواہے یعنی اُس اِنسان پر جو میرا رفِیق ہے بیدار ہو۔ چرواہے کو مار کہ گلّہ پراگندہ ہو جائے اور مَیں چھوٹوں پر ہاتھ چلاؤُں گا۔ 8اور خُداوند فرماتا ہے سارے مُلک میں دو تِہائی قتل کِئے جائیں گے اور مَریں گے لیکن ایک تِہائی بچ رہیں گے۔ 9اور مَیں اِس تِہائی کو آگ میں ڈال کر چاندی کی طرح صاف کرُوں گا اور سونے کی طرح تاؤُں گا۔ وہ مُجھ سے دُعا کریں گے اور مَیں اُن کی سنُوں گا۔ مَیں کہُوں گا یہ میرے لوگ ہیں اور وہ کہیں گے خُداوند ہی ہمارا خُدا ہے۔
یروشلیِم اور دُوسری قَومیں
1دیکھ خُداوند کا دِن آتا ہے جب تیرا مال لُوٹ کر تیرے اندر بانٹا جائے گا۔ 2کیونکہ مَیں سب قَوموں کو فراہم کرُوں گا کہ یروشلیِم سے جنگ کریں اور شہر لے لِیا جائے گا اور گھر لُوٹے جائیں گے اور عَورتیں بے حُرمت کی جائیں گی اور آدھا شہر اسِیری میں جائے گا لیکن باقی لوگ شہر ہی میں رہیں گے۔ 3تب خُداوند خرُوج کرے گا اور اُن قَوموں سے لڑے گا جَیسے جنگ کے دِن لڑا کرتا تھا۔ 4اور اُس روز وہ کوہِ زَیتُون پر جو یروشلیِم کے مشرِق میں واقِع ہے کھڑا ہو گا اور کوہِ زَیتُون بِیچ سے پھٹ جائے گا اور اُس کے مشرِق سے مغرِب تک ایک بڑی وادی ہو جائے گی کیونکہ آدھا پہاڑ شِمال کو سرک جائے گا اور آدھا جنُوب کو۔ 5اور تُم میرے پہاڑوں کی وادی سے ہو کر بھاگو گے کیونکہ پہاڑوں کی وادی آضل تک ہو گی۔ جِس طرح تُم شاہِ یہُوداؔہ عُزّیاہ کے ایّام میں زلزلہ سے بھاگے تھے اُسی طرح بھاگو گے کیونکہ خُداوند میرا خُدا آئے گا اور سب قُدسی تیرے ساتھ۔
6اور اُس روز رَوشنی نہ ہو گی اور اجرامِ فلک چِھپ جائیں گے۔ 7پر ایک دِن اَیسا آئے گا جو خُداوند ہی کو معلُوم ہے۔ وہ نہ دِن ہو گا نہ رات لیکن شام کے وقت رَوشنی ہو گی۔
8اور اُس روز یروشلیِم سے آبِ حیات جاری ہو گا جِس کا آدھا بحرِ مشرِق کی طرف بہے گا اور آدھا بحرِ مغرِب کی طرف۔ گرمی سردی میں جاری رہے گا۔ 9اور خُداوند ساری دُنیا کا بادشاہ ہو گا۔ اُس روز ایک ہی خُداوند ہو گا اور اُس کا نام واحِد ہو گا۔
10اور یروشلیِم کے جنُوب میں تمام مُلک جِبع سے رِمُّون تک مَیدان کی مانِند ہو جائے گا پر یروشلیِم بُلند ہو گا اور بِنیمِین کے پھاٹک سے پہلے پھاٹک کے مقام یعنی کونے کے پھاٹک تک اور حنن اؔیل کے بُرج سے بادشاہ کے انگُوری حَوضوں تک اپنے مقام پر آباد ہو گا۔ 11اور لوگ اِس میں سکُونت کریں گے اور پِھر لَعنت مُطلق نہ ہو گی بلکہ یروشلیِم امن و امان سے آباد رہے گا۔
12اور خُداوند یروشلیِم سے جنگ کرنے والی سب قَوموں پر یہ عذاب نازِل کرے گا کہ کھڑے کھڑے اُن کا گوشت سُوکھ جائے گا اور اُن کی آنکھیں چشم خانوں میں گل جائیں گی اور اُن کی زُبان اُن کے مُنہ میں سڑ جائے گی۔
13اور اُس روز خُداوند کی طرف سے اُن کے درمِیان بڑی ہلچل ہو گی اور ایک دُوسرے کا ہاتھ پکڑیں گے اور ایک دُوسرے کے خِلاف ہاتھ اُٹھائے گا۔ 14اور یہُوداؔہ بھی یروشلیِم کے پاس لڑے گا اور اِردگِرد کی سب قَوموں کا مال یعنی سونا چاندی اور لِباس بڑی کثرت سے فراہم کِیا جائے گا۔
15اور گھوڑوں خچّروں اُونٹوں گدھوں اور سب حَیوانوں پر بھی جو اُن لشکرگاہوں میں ہوں گے وُہی عذاب نازِل ہو گا۔
16اور یروشلیِم سے لڑنے والی قَوموں میں سے جو بچ رہیں گے سال بسال بادشاہ ربُّ الافواج کو سِجدہ کرنے اور عِیدِ خیام منانے کو آئیں گے۔ 17اور دُنیا کے اُن تمام قبائِل پر جو بادشاہ ربُّ الافواج کے حضُور سِجدہ کرنے کو یروشلیِم میں نہ آئیں گے مِینہ نہ برسے گا۔ 18اور اگر قبائِلِ مِصرؔ جِن پر بارِش نہیں ہوتی نہ آئیں تو اُن پر وُہی عذاب نازِل ہو گا جِس کو خُداوند اُن غَیر قَوموں پر نازِل کرے گا جو عِیدِ خیام منانے کو نہ آئیں گی۔ 19اہِلِ مِصرؔ اور اُن سب قَوموں کی جو عِیدِ خیام منانے کو نہ جائیں یِہی سزا ہو گی۔
20اُس روز گھوڑوں کی گھنٹیوں پر مرقُوم ہو گا خُداوند کے لِئے مُقدّس اور خُداوند کے گھر کی دیگیں مذبح کے پِیالوں کی مانِند مُقدّس ہوں گی۔ 21بلکہ یروشلیِم اور یہُوداؔہ میں کی سب دیگیں ربُّ الافواج کے لِئے مُقدّس ہوں گی اور سب ذبِیحے گُذراننے والے آئیں گے اور اُن کو لے کر اُن میں پکائیں گے اور اُس روز پِھر کوئی کنعانی ربُّ الافواج کے گھر میں نہ ہو گا۔