Calvary Pentecostal Theological Seminary Pakistan

Urdu Bible

Home Churches Seminary The Bible Books Prayer Request About Us Contact Us

صفنیاہ


1خُداوند کا کلام جو شاہِ یہُوداؔہ یُوسیاؔہ بِن آمُوؔن کے ایّام میں صفنیاؔہ بِن کُوؔشی بِن جدلیاؔہ بِن امریاؔہ بِن حِزقیاہ پر نازِل ہُؤا۔
خُداوند کے قہر و غضب کا دِن
2خُداوند فرماتا ہے مَیں رُویِ زمِین سے سب کُچھ بِالکُل نیست کرُوں گا۔ 3اِنسان اور حَیوان کو نیست کرُوں گا۔ ہوا کے پرِندوں اور سمُندر کی مچھلیوں کو اور شرِیروں اور اُن کے بُتوں کو نیست کرُوں گا اور اِنسان کو رُویِ زمِین سے فنا کرُوں گا خُداوند فرماتا ہے۔
4مَیں یہُوداؔہ پر اور یروشلیِم کے سب باشِندوں پر ہاتھ چلاؤُں گا اور اِس مکان میں سے بعل کے بقِیّہ کو اور کمارِیم کے نام کو پُجارِیوں سمیت نیست کرُوں گا۔ 5اور اُن کو بھی جو کوٹھوں پر چڑھ کر اجرامِ فلک کی پرستِش کرتے ہیں اور اُن کو جو خُداوند کی عِبادت کا عہد کرتے ہیں لیکن مِلکُوم کی قَسم کھاتے ہیں۔ 6اور اُن کو بھی جو خُداوند سے برگشتہ ہو کر نہ اُس کے طالِب ہُوئے اور نہ اُنہوں نے اُس سے مشورَت لی۔
7تُم خُداوند خُدا کے حضُور خاموش رہو کیونکہ خُداوند کا دِن نزدِیک ہے اور اُس نے ذبِیحہ تیّار کِیا ہے اور اپنے مِہمانوں کو مخصُوص کِیا ہے۔ 8اور خُداوند کے ذبِیحہ کے دِن یُوں ہو گا کہ مَیں اُمرا اور شاہزادوں کو اور اُن سب کو جو اجنبیوں کی پوشاک پہِنتے ہیں سزا دُوں گا۔ 9مَیں اُسی روز اُن سب کو جو لوگوں کے گھروں میں گُھس کر اپنے آقا کے گھر کو لُوٹ اور مکر سے بھرتے ہیں سزا دُوں گا۔
10اور خُداوند فرماتا ہے اُسی روز مچھلی پھاٹک سے رونے کی آواز اور مِشنہ سے ماتم کی اور ٹِیلوں پر سے بڑے غَوغا کی صدا اُٹھے گی۔ 11اَے مکتِیس کے رہنے والو! ماتم کرو کیونکہ سب سَوداگر مارے گئے۔ جو چاندی سے لدے تھے سب ہلاک ہُوئے۔
12پِھر مَیں چراغ لے کر یروشلیِم میں تلاش کرُوں گا اور جِتنے اپنی تلچھٹ پر جم گئے ہیں اور دِل میں کہتے ہیں کہ خُداوند سزا و جزا نہ دے گا اُن کو سزا دُوں گا۔ 13تب اُن کا مال لُٹ جائے گا اور اُن کے گھر اُجڑ جائیں گے۔ وہ گھر تو بنائیں گے پر اُن میں بُود و باش نہ کریں گے اور تاکِستان لگائیں گے پر اُن کی مَے نہ پِئیں گے۔
14خُداوند کا روزِ عظِیم قرِیب ہے ہاں وہ نزدِیک آ گیا۔ وہ آ پُہنچا! سُنو! خُداوند کے دِن کا شور! زبردست آدمی پُھوٹ پُھوٹ کر روئے گا۔ 15وہ دِن قہر کا دِن ہے۔ دُکھ اور رنج کا دِن۔ وِیرانی اور خرابی کا دِن۔ تارِیکی اور اُداسی کا دِن۔ ابر اور تِیرگی کا دِن۔ 16حصِین شہروں اور اُونچے بُرجوں کے خِلاف نرسِنگے اور جنگی للکار کا دِن۔
17اور مَیں بنی آدمؔ پر مُصِیبت لاؤُں گا یہاں تک کہ وہ اندھوں کی مانِند چلیں گے کیونکہ وہ خُداوند کے گُنہگار ہُوئے۔ اُن کا خُون دُھول کی طرح گِرایا جائے گا اور اُن کا گوشت نجاست کی مانِند۔
18خُداوند کے قہر کے دِن اُن کا سونا چاندی اُن کو بچا نہ سکے گا بلکہ تمام مُلک کو اُس کی غَیرت کی آگ کھا جائے گی کیونکہ وہ یک لخت مُلک کے سب باشِندوں کو تمام کر ڈالے گا۔
تَوبہ کے لِئے دلِیل
1اَے بے حیا قَوم جمع ہو! جمع ہو! 2اِس سے پہلے کہ تقدِیرِ الٰہی ظاہِر ہو اور وہ دِن بُھس کی مانِند جاتا رہے اور خُداوند کا قہرِ شدِید تُم پر نازِل ہو اور اُس کے غضب کا دِن تُم پر آ پُہنچے۔ 3اَے مُلک کے سب حلِیم لوگو جو خُداوند کے احکام پر چلتے ہو اُس کے طالِب ہو! راست بازی کو ڈُھونڈو۔ فروتنی کی تلاش کرو۔ شاید خُداوند کے غضب کے دِن تُم کو پناہ مِلے۔
اِسرائیلؔ کے گِردونواح کی قَوموں کا حَشر
4کیونکہ غزّہ مترُوک ہو گا اور اسقلوؔن وِیران کِیا جائے گا اور اشدُود دوپہر کو خارِج کر دِیا جائے گا اور عقرُوؔن کی بیخ کنی کی جائے گی۔ 5سمُندر کے ساحِل کے رہنے والوں یعنی کریتیوں کی قَوم پر افسوس! اَے کنعاؔن فلِستِیوں کی سرزمِین! خُداوند کا کلام تیرے خِلاف ہے۔ مَیں تُجھے نیست و نابُود کرُوں گا یہاں تک کہ کوئی بسنے والا نہ رہے۔ 6اور سمُندر کے ساحِل چراگاہیں ہوں گے جِن میں چرواہوں کی جھونپڑیاں اور بھیڑ خانے ہوں گے۔ 7اور وُہی ساحِل یہُوداؔہ کے گھرانے کے بقِیّہ کے لِئے ہوں گے۔ وہ اُن میں چرایا کریں گے۔ وہ شام کے وقت اسقلوؔن کے مکانوں میں لیٹا کریں گے کیونکہ خُداوند اُن کا خُدا اُن پر پِھر نظر کرے گا اور اُن کی اسِیری کو مَوقُوف کرے گا۔
8مَیں نے موآب کی ملامت اور بنی عمُّون کی لَعن طَعن سُنی ہے۔ اُنہوں نے میری قَوم کو ملامت کی اور اُن کی حدُود کو دبا لِیا ہے۔ 9اِس لِئے ربُّ الافواج اِسرائیل کا خُدا فرماتا ہے مُجھے اپنی حیات کی قَسم! یقِیناً موآب سدُوؔم کی مانِند ہو گا اور بنی عمُّون عمُورؔہ کی مانِند۔ وہ پُرخار و نمکزار اور ابدُالآباد برباد رہیں گے۔ میرے لوگوں کا بقِیّہ اُن کو غارت کرے گا اور میری قَوم کے باقی لوگ اُن کے وارِث ہوں گے۔
10یہ سب کُچھ اُن کے تکبُّر کے سبب سے اُن پر آئے گا کیونکہ اُنہوں نے ربُّ الافواج کے لوگوں کو ملامت کی اور اُن پر زِیادتی کی۔ 11خُداوند اُن کے لِئے ہَیبت ناک ہو گا اور زمِین کے تمام معبُودوں کو لاغر کر دے گا اور بحری مُمالِک کے سب باشِندے اپنی اپنی جگہ میں اُس کی پرستِش کریں گے۔
12اَے کُوؔش کے باشِندو! تُم بھی میری تلوار سے مارے جاؤ گے۔
13اور وہ شِمال کی طرف اپنا ہاتھ بڑھائے گا اور اؔسُور کو نیست کرے گا اور نِینوؔہ کو وِیران اور بیابان کی مانِند خُشک کر دے گا۔ 14اور جنگلی جانور اُس میں لیٹیں گے اور ہر قِسم کے حَیوان حواصِل اور خارپُشت اُس کے سُتُونوں کے سِروں پر مقام کریں گے۔ اُن کی آواز اُس کے جھروکوں میں ہو گی۔ اُس کی دہلِیزوں میں وِیرانی ہو گی کیونکہ دیودار کا کام کُھلا چھوڑا گیا ہے۔ 15یہ وہ شادمان شہر ہے جو بے فِکر تھا۔ جِس نے دِل میں کہا کہ مَیں ہُوں اور میرے سِوا کوئی دُوسرا نہیں۔ وہ کَیسا وِیران ہُؤا! حَیوانوں کے بَیٹھنے کی جگہ! ہر ایک جو اُدھر سے گُذرے گا سُسکارے گا اور ہاتھ ہِلائے گا۔
یروشلیِم کا گُناہ اور مخلصی
1اُس سرکش و ناپاک و ظالِم شہر پر افسوس! 2اُس نے کلام کو نہ سُنا۔ وہ تربِیّت پذِیر نہ ہُؤا۔ اُس نے خُداوند پر توکُّل نہ کِیا اور اپنے خُدا کی قُربت کی آرزُو نہ کی۔ 3اُس کے اُمرا اُس میں گرجنے والے بَبر ہیں۔ اُس کے قاضی بھیڑئے ہیں جو شام کو نِکلتے ہیں اور صُبح تک کُچھ نہیں چھوڑتے۔ 4اُس کے نبی لاف زن اور دغاباز ہیں۔ اُس کے کاہِنوں نے پاک کو ناپاک ٹھہرایا اور اُنہوں نے شرِیعت کو مروڑا ہے۔ 5خُداوند جو صادِق ہے اُس کے اندر ہے۔ وہ بے اِنصافی نہ کرے گا۔ وہ ہر صُبح بِلاناغہ اپنی عدالت ظاہِر کرتا ہے مگر بے اِنصاف آدمی شرم کو نہیں جانتا۔
6مَیں نے قَوموں کو کاٹ ڈالا۔ اُن کے بُرج برباد کِئے گئے۔ مَیں نے اُن کے کُوچوں کو وِیران کِیا یہاں تک کہ اُن میں کوئی نہیں چلتا۔ اُن کے شہر اُجاڑ ہُوئے اور اُن میں کوئی اِنسان نہیں۔ کوئی باشِندہ نہیں۔ 7مَیں نے کہا کہ فقط مُجھ سے ڈر اور تربِیّت پذِیر ہو تاکہ اُس کی بستی کاٹی نہ جائے اُس سب کے مُطابِق جو مَیں نے اُس کے حق میں ٹھہرایا تھا لیکن اُنہوں نے عمداً اپنی روِش کو بِگاڑا۔
8پس خُداوند فرماتا ہے میرے مُنتظِر رہو جب تک کہ مَیں لُوٹ کے لِئے نہ اُٹھوں کیونکہ مَیں نے ٹھان لِیا ہے کہ قَوموں کو جمع کرُوں اور مُملکتوں کو اِکٹّھا کرُوں تاکہ اپنے غضب یعنی تمام قہرِ شدِید کو اُن پر نازِل کرُوں کیونکہ میری غَیرت کی آگ ساری زمِین کو کھا جائے گی۔
9اور مَیں اُس وقت لوگوں کے ہونٹ پاک کر دُوں گا تاکہ وہ سب خُداوند سے دُعا کریں اور ایک دِل ہو کر اُس کی عِبادت کریں 10کُوؔش کی نہروں کے پار سے میرے عابِد یعنی میری پراگندہ قَوم میرے لِئے ہدیہ لائے گی 11اُسی روز تُو اپنے سب اعمال کے سبب سے جِن سے تُو میری گُنہگار ہُوئی شرمِندہ نہ ہو گی کیونکہ مَیں اُس وقت تیرے درمِیان سے تیرے مُتکبِّر لوگوں کو نِکال دُوں گا اور پِھر تُو میرے کوہِ مُقدّس پر تکبُّر نہ کرے گی۔ 12اور مَیں تُجھ میں ایک مظلُوم اور مسکِین بقِیّہ چھوڑ دُوں گا اور وہ خُداوند کے نام پر توکُّل کریں گے۔ 13اِسرائیل کے باقی لوگ نہ بدی کریں گے نہ جُھوٹ بولیں گے اور نہ اُن کے مُنہ میں دغا کی باتیں پائی جائیں گی بلکہ وہ کھائیں گے اور لیٹ رہیں گے اور کوئی اُن کو نہ ڈرائے گا۔
خُوشی کا گیِت
14اَے بِنت صِیُّون نغمہ سرائی کر! اَے اِسرائیل! للکار۔
اَے دُخترِ یروشلِیم! پُورے دِل سے خُوشی منا اور
شادمان ہو۔
15خُداوند نے تیری سزا کو دُور کر دِیا۔
اُس نے تیرے دُشمنوں کو نِکال دِیا۔
خُداوند اِسرائیل کا بادشاہ تیرے اندر ہے۔
تُو پِھر مُصِیبت کو نہ دیکھے گی۔
16اُس روز یروشلیِم سے کہا جائے گا
ہِراسان نہ ہو! اَے صِیُّون
تیرے ہاتھ ڈِھیلے نہ ہوں۔
17خُداوند تیرا خُدا جو تُجھ میں ہے قادِر ہے۔
وُہی بچا لے گا۔
وہ تیرے سبب سے شادمان ہو کر خُوشی کرے گا۔
وہ اپنی مُحبّت میں مسرُور رہے گا۔
وہ گاتے ہُوئے تیرے لِئے شادمانی کرے گا۔
18مَیں تیرے اُن لوگوں کو جو عِیدوں سے محرُوم
ہونے کے سبب سے غمگِین
اور ملامت سے زیر بار ہیں جمع کرُوں گا۔
19دیکھ مَیں اُس وقت
تیرے سب ستانے والوں کو سزا دُوں گا
اور لنگڑوں کو رہائی دُوں گا
اور جو ہانک دِئے گئے اُن کو اِکٹّھا کرُوں گا
اور جو تمام جہان میں رُسوا ہُوئے اُن کو سِتُودہ
اور نامور کرُوں گا۔
20اُس وقت مَیں تُم کو جمع کر کے مُلک میں لاؤُں گا
کیونکہ جب تُمہاری حِین حیات ہی میں تُمہاری
اسِیری کو مَوقُوف کرُوں گا
تو تُم کو زمِین کی سب قَوموں کے درمِیان نامور
اور سِتُودہ کرُوں گا خُداوند فرماتا ہے۔